دل و نظر کے لیے اِس میں کچھ افادہ ہے

زیاں جگر کا سہی یہ جو شغلِ بادہ ہے
دل و نظر کے لیے اِس میں کچھ افادہ ہے
دکھائی دی ہے جھلک اُس کی ایک مدت بعد
یہ خواب میرے لیے خواب سے زیادہ ہے
ملائے گا یہ کسی شاہراہ سے ہم کو
مٹا مٹا سا جو قدموں میں اپنے جادہ ہے
یہی بچائے گا تم دیکھنا مری بازی
بِساط پر جو یہ ناچیز سا پیادہ ہے
یہ سوچ کر وہ مری بات کاٹ دیتے ہیں
کہ ہو نہ ہو یہ کسی بات کا اعادہ ہے
یہاں رہیں گے وہ میرے حریف کے ہمراہ
اُنہیں گماں ہے مرا دل بہت کشادہ ہے
وہ اہلِ بزم کی رنگیں نوائی اپنی جگہ
ہزار رنگ لیے میرا حرفِ سادہ ہے
اگر خدا نے نکالا بُتوں کے چکّر سے
طوافِ کعبہ کا اب کے برس اِرادہ ہے
باصر کاظمی

کھو جائیں گے تلاش میں اُس کی ہمیں کہیں

معلوم ہے کہ وہ تو ملے گا نہیں کہیں
کھو جائیں گے تلاش میں اُس کی ہمیں کہیں
شاید فلک ہی ٹوٹ پڑا تھا وگرنہ یوں
جاتا ہے چھوڑ کر کوئی اپنی زمیں کہیں
اک دوسرے کو دیکھتے ہیں آئینے کی طرح
ہو جائیں روبرو جو کبھی دو حسیں کہیں
مقصود اِس سے اہلِ نظر کا ہے اِمتحاں
وہ سامنے نہیں ہے مگر ہے یہیں کہیں
شہروں میں اپنے گویا قیامت ہی آگئی
اڑ کر مکاں کہیں گئے باصرِؔ مکیں کہیں
باصر کاظمی

وہ چہرے سے بہت معصوم ہے عیّار دل سے

بھروسہ کرکے دیکھا میں نے تو سو بار دل سے
وہ چہرے سے بہت معصوم ہے عیّار دل سے
سُنے گا شوق سے قصے زمانے بھر کے لیکن
کہاں سنتا ہے دل کی بات وہ دلدار دل سے
ہو اقلیمِ شہنشاہی کہ جمہوری ولایت
رعایا کی کبھی ہوتی نہیں سرکار دل سے
کٹا سکتے نہیں انگلی بھی اب تو اُس کی خاطر
کبھی ہم جان تک دینے کو تھے تیار دل سے
کچھ اپنے بھی تو شامل تھے عدو کے ساتھ اس میں
کروں میں کس طرح تسلیم اپنی ہار دل سے
دِکھانے کے لیے دنیا کو چاہے کچھ بھی کر دیں
کبھی بھی صلح کر سکتے نہیں اغیار دل سے
نبھائی ایک مدّت ہم نے لیکن آج کل کچھ
مرا دل مجھ سے ہے بیزار، میں بیزار دل سے
چہکتی بولتی دھڑکن ہوئی ویران کیونکر
کوئی پوچھے کبھی آ کر مرے بیمار دل سے
اُترتے ہیں کچھ اُس کے دل میں بھی یہ دیکھنا ہے
لکھے ہیں میں نے تو یہ سب کے سب اشعار دل سے
باصر کاظمی

اُنہیں بہانہ کوئی چاہیے لڑائی کا

عجب نہیں جو بنا دیں پہاڑ رائی کا
اُنہیں بہانہ کوئی چاہیے لڑائی کا
ہمیں تو آنکھوں کے دیکھے کا اعتبار نہیں
اُدھر بھروسہ ہے کتنا سنی سُنائی کا
ہمیں تو لگتی ہے دشوار بندگی بھی بہت
عجیب تھے جنہیں دعوی رہا خدائی کا
چمک سی ایک فریبِ امید کی جو نہ ہو
جو موت کا ہے وہی رنگ ہے جدائی کا
باصر کاظمی

وہ سنہری زمانہ ہوتا ہے

طَور جب عاشقانہ ہوتا ہے
وہ سنہری زمانہ ہوتا ہے
کچھ نہیں جن کے پاس اُن کے پاس
خواہشوں کا خزانہ ہوتا ہے
دل کسی کا کسی کے کہنے سے
کبھی پہلے ہوا نہ ہوتا ہے
بجلیوں کا ہدف نجانے کیوں
ایک ہی آشیانہ ہوتا ہے
غم نہیں اب جو ہم ہیں غیر فعال
اپنا اپنا زمانہ ہوتا ہے
دیکھتے ہیں تمہاری بستی میں
کب تلک آب و دانہ ہوتا ہے
دوستو کر لیا بہت آرام
کارواں اب روانہ ہوتا ہے
ڈھونڈتے ہیں جو آپ باصرِؔ کو
اُس کا کوئی ٹھکانہ ہوتا ہے
باصر کاظمی

احسان مانتے ہیں تمہارا پیے بغیر

رندوں کا ہو رہا ہے گزارا پیے بغیر
احسان مانتے ہیں تمہارا پیے بغیر
مے سے زیادہ ہم کو ترا میکدہ عزیز
خوش ہو رہے ہیں کر کے نظارا پیے بغیر
گِنتے ہوئے ستارے گزرتی ہے اُس کی رات
جو دیکھتا ہے شام کا تارا پیے بغیر
اِس اجنبی دیار میں ملتی نہیں شراب
کرنا ہے اب یہ رنج گوارا پیے بغیر
پی لو گے چار گھُونٹ تو باصرِؔ کرو گے کیا
درکار ہے تمہیں تو سہارا پیے بغیر
باصر کاظمی

یا اُن سے کوئی بات ہو جھگڑا کیے بغیر

ممکن نہیں خموش رہوں لب سیے بغیر
یا اُن سے کوئی بات ہو جھگڑا کیے بغیر
انصاف کا اصولِ توازن یہ خوب ہے
دیتے نہیں وہ حق بھی مرا کچھ لیے بغیر
لگتا ہے تیرے ساتھ ملی زندگی ہمیں
گویا کہ اِس سے پہلے جیے ہم جیے بغیر
ناصح کریں گے تیری نصیحت پہ ہم عمل
ہو آئے اُس گلی سے جو تُو دل دیے بغیر
اب اُس کی ہوش مندی کی دینی پڑے گی داد
شیشے میں جس نے تجھ کو اُتارا پیے بغیر
باصر کاظمی

یہ آگ تیری لگائی ہوئی ہے تو ہی بجھا

نہ اب ہے شعلہ مرے اختیار میں نہ ہوا
یہ آگ تیری لگائی ہوئی ہے تو ہی بجھا
ہیں ذہن و دل مرے تیار کچھ بھی سننے کو
اگر مرض ہے مرا لاعلاج مجھ کو بتا
نہ تھا بلندی و پستی کے درمیاں کچھ بھی
پہاڑ سے جو میں لُڑھکا ڈھلان پر نہ ٹِکا
منا لیا تھا کسی طور کل جسے ہم نے
سنا ہے اب ہے وہ پہلے سے بھی زیادہ خفا
ابھی بھی وقت ہے باصرِؔ ہماری بات سنو
تمہارے ساتھ نہ ہو جو ہمارے ساتھ ہوا
باصر کاظمی

کچھ یاد رہا نہیں رہا کچھ

اچھا کہ برا نہیں رہا کچھ
کچھ یاد رہا نہیں رہا کچھ
ہر چند بتا نہیں رہا کچھ
میں تجھ سے چھُپا نہیں رہا کچھ
اک ننھی سی لَو سے سب کچھ تھا
بُجھتے ہی دیا نہیں رہا کچھ
اب کس کو چمن میں ڈھونڈتی ہے
اے بادِ صبا نہیں رہا کچھ
اب ہم بھی بدل گئے ہیں باصرِؔ
اب اُن سے گِلہ نہیں رہا کچھ
باصر کاظمی

ساقی شراب چھوڑ کے دیکھا کیا مجھے

مخمور چشمِ یار نے ایسا کیا مجھے
ساقی شراب چھوڑ کے دیکھا کیا مجھے
تجھ کو تو اپنی ساکھ ہے اے چارہ گر عزیز
تو نے مرے لیے نہیں اچھا کیا مجھے
کیا کیا دکھائے رنگ مجھے تیرے ہجر نے
دریا بنا دیا کبھی صحرا کیا مجھے
جو شعر میں نے چھوڑ دیا اُن کو یاد تھا
’’شعروں کے انتخاب نے رُسوا کیا مجھے‘‘
باصر کاظمی

آرام بھی مِلا ہمیں آزار کی طرح

سوئے بہت مگر کسی بیمار کی طرح
آرام بھی مِلا ہمیں آزار کی طرح
کچھ ایسی پُختہ ہو گئی دِل توڑنے کی خو
اِقرار کر رہے ہیں وہ اِنکار کی طرح
بیکار سمجھے جاتے ہیں فن کار اِس لیے
دن رات کام کرتے ہیں بیگار کی طرح
میری غزل میں کیسے تغزل ملے اُنہیں
پڑھتے ہیں اب وہ شاعری اخبار کی طرح
باصر کاظمی

سارے مرے منصوبے تھے اک بات کی حد تک

صد حیف رہے خواب و خیالات کی حد تک
سارے مرے منصوبے تھے اک بات کی حد تک
یہ شہر تمہارا مری بستی کے مقابل
اچھا ہے مگر صِرف عمارات کی حد تک
کر سکتے تماشا تو زمانے کو دکھاتے
لفظوں کے کمالات کرامات کی حد تک
آوارہ خرامی کی بھلا اب کسے فرصت
ہوتی ہے ملاقات ملاقات کی حد تک
خوشیوں میں تو کرتا ہوں شریک اوروں کو لیکن
رہتے ہیں مرے رنج مری ذات کی حد تک
ہوتے ہیں عموماَ یہ مِری دھُوپ کے دشمن
بادل مجھے خوش آتے ہیں برسات کی حد تک
دن دوگنی شب چوگنی کی ہم نے ترقی
کچھ راہنماؤں کے بیانات کی حد تک
افسوس کہ صاحب نے کیا اُن پہ بھروسہ
تھی جن کی وفاداری مراعات کی حد تک
اب حِکمتِ قرآن شب و روز میں اپنے
باقی ہے فقط قرأتِ آیات کی حد تک
ہر گام پہ تھا راہنما دین جو اپنا
محدود ہُوا صِرف عبادات کی حد تک
ڈرتا ہوں میں واعظ سے کہ اقبالؔ نہیں ہوں
شکوہ مرا ہوتا ہے مناجات کی حد تک
ہر چند مہذب کوئی ہم سا نہیں باصرؔ
بہکیں تو چلے جائیں خرافات کی حد تک
باصر کاظمی

یہاں بھی دل جلے گا اور وہاں بھی

نہیں کچھ فرق اب رہیے جہاں بھی
یہاں بھی دل جلے گا اور وہاں بھی
بیاباں کی شکایت کیسی یارو
ہوا پرخار اب تو گُلستاں بھی
معلق ہو گئے باصرِؔ فضا میں
زمیں چھوٹی تو روٹھا آسماں بھی
باصر کاظمی

یہ دل کرے گا کسی دن کوئی بڑی لغزش

ہوئی ہے آج تو بس ایک عام سی لغزش
یہ دل کرے گا کسی دن کوئی بڑی لغزش
بس اس قدر ہی یہ دنیا سمجھ میں آئی ہے
وہیں سزا ملی ہم کو جہاں ہوئی لغزش
ہُوا ہے کھیل جو میری گرفت سے باہر
ضرور مجھ سے ہوئی ہے کہیں کوئی لغزش
ازالۂ غلَطی کا ہے انحصار اِس پر
وہ صبح کی غلَطی ہے کہ شام کی لغزش
نہیں ہے جیتنا ممکن ترے لیے باصرِؔ
ترا حریف نہ جب تک کرے کوئی لغزش
باصر کاظمی

ہمیں تو اپنے ہی افکار نے ہلاک کیا

کہاں سیاستِ اغیار نے ہلاک کیا
ہمیں تو اپنے ہی افکار نے ہلاک کیا
کسی کی موت کا باعث تھی خانہ ویرانی
کسی کو رونقِ گلزار نے ہلاک کیا
کسی کے واسطے پھولوں کی سیج موجبِ مرگ
کسی کو جادہء پُرخار نے ہلاک کیا
کسی کو شعلہء خورشید نے جلا ڈالا
کسی کو سایہء اشجار نے ہلاک کیا
سوادِ شام کسی کے لیے پیامِ اجل
کسی کو صبح کے آثار نے ہلاک کیا
کسی کی جان گئی دیکھ کر ترا جلوہ
کسی کو حسرتِ دیدار نے ہلاک کیا
کوئی شکار ہوا اپنی ہچکچاہٹ کا
کسی کو جرأتِ اظہار نے ہلاک کیا
کسی کا تختہ بچھایا نصیبِ خُفتہ نے
کسی کو طالعِ بیدار نے ہلاک کیا
وہی ہلاکو کہ جس نے کیے ہزاروں ہلاک
اُسے بھی وقت کی یلغار نے ہلاک کیا
کسی کو مار گیا اُس کا کم سخن ہونا
کسی کو کثرتِ اشعار نے ہلاک کیا
وہی خسارہ ہے سب کی طرح ہمیں درپیش
ہمیں بھی گرمیِ بازار نے ہلاک کیا
کبھی تباہ ہوئے مشورہ نہ ملنے سے
کبھی نوشتہء دیوار نے ہلاک کیا
ملی تھی جس کے لبوں سے نئی حیات ہمیں
اُسی کی شوخیِ گفتار نے ہلاک کیا
خدا کا شکر کہ پستی نہ ہم کو کھینچ سکی
ہمیں بلندیِ معیار نے ہلاک کیا
باصر کاظمی

جو میری غزل سرائی کے تھے

وہ دن تری بے وفائی کے تھے
جو میری غزل سرائی کے تھے
دل اشکوں کی داد چاہتا تھا
سامان یہ جگ ہنسائی کے تھے
ملنے کے جتن کیے تھے جتنے
اسباب وہی جدائی کے تھے
ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز میں بھی
آثار تری بڑائی کے تھے
گو تلخ زباں تھے اہلِ محفل
شیدائی سبھی مٹھائی کے تھے
نالے تو بلا کے تھے ہی باصرِؔ
نغمے بھی ترے دہائی کے تھے
باصر کاظمی

کہاں کھپائیں گے اب جان فکر و فن میں لوگ

مگن ہوئے ہیں کسی اور ہی لگن میں لوگ
کہاں کھپائیں گے اب جان فکر و فن میں لوگ
وہی ہیں رنگ خزاں اور بہار کے لیکن
کچھ اور دیکھنے جاتے ہیں اب چمن میں لوگ
بدل دیے ہیں زمانے نے عشق کے انداز
سو دیکھ پائیں گے کیا قیس و کوہکن میں لوگ
ترس گئے ہیں مرے کان حرفِ شیریں کو
لیے ہوئے ہیں بڑی تلخیاں دہن میں لوگ
اگرچہ نعمتیں حاصل ہیں دو جہاں کی اِنہیں
اداس رہتے ہیں یارب مرے وطن میں لوگ
کہی تھی تو نے تو ہر بات صاف صاف مگر
نجانے سمجھے ہیں کیا اپنے بھولپن میں لوگ
میں کیا بتاؤں تجھے خوب جانتا ہے تو
شریک ہوتے ہیں کیوں تیری انجمن میں لوگ
دکھائی دی تھی جو اِتنی طویل رات کے بعد
تلاش کرتے رہے مہر اُس کرن میں لوگ
مرے سُخن میں سُخن بولتا ہے ناصِر کا
مجھے بھی پائیں گے ہر محفلِ سخن میں لوگ
باصر کاظمی

آ گئے اِس دیس میں اور دھوپ کو ترسا کیے

ہم کہ جو ہر ابر کو ابرِ کرم سمجھا کیے
آ گئے اِس دیس میں اور دھوپ کو ترسا کیے
اُس نے اپنے منہ پہ انگلی رکھ کے آنکھیں بند کیں
میں نے کچھ کہنے کو اپنے ہونٹ جونہی وا کیے
روز لگ جاتے ہیں اُس کے صحن میں کاغذ کے ڈھیر
مستعد خط لکھنے والوں سے زیادہ ڈاکیے
ایک سورج کے لیے یہ کہکشاں در کہکشاں
اک زمیں کے واسطے سو آسماں پیدا کیے
خیر ہو چارہ گری کی میرے چارہ گر تجھے
مدتیں گزریں کسی بیمار کو اچھا کیے
باصر کاظمی

میرے نالوں کو ہواؤں کا سہارا کم ہے

یہ نہیں ہے کہ تجھے میں نے پُکارا کم ہے
میرے نالوں کو ہواؤں کا سہارا کم ہے
اس قدر ہجر میں کی نجم شماری ہم نے
جان لیتے ہیں کہاں کوئی سِتارا کم ہے
دوستی میں تو کوئی شک نہیں اُس کی پر وہ
دوست دشمن کا زیادہ ہے ہمارا کم ہے
صاف اظہار ہو اور وہ بھی کم از کم دو بار
ہم وہ عاقل ہیں جنہیں ایک اشارا کم ہے
ایک رخسار پہ دیکھا ہے وہ تِل ہم نے بھی
ہو سمرقند مقابل کہ بخارا کم ہے
اِتنی جلدی نہ بنا رائے مِرے بارے میں
ہم نے ہمراہ ابھی وقت گُذارا کم ہے
باغ اک ہم کو مِلا تھا مگر اِس کو افسوس
ہم نے جی بھر کے بِگاڑا ہے سنوارا کم ہے
آج تک اپنی سمجھ میں نہیں آیا باصرؔ
کونسا کام ہے وہ جس میں خسارا کم ہے
باصر کاظمی

باصرؔ خرابیاں تو ہیں پھر بھی خرابیاں

کتنی ہی بے ضرر سہی تیری خرابیاں
باصرؔ خرابیاں تو ہیں پھر بھی خرابیاں
حالت جگہ بدلنے سے بدلی نہیں مری
ہوتی ہیں ہر جگہ کی کچھ اپنی خرابیاں
تو چاہتا ہے اپنی نئی خوبیوں کی داد
مجھ کو عزیز تیری پرانی خرابیاں
جونہی تعلقات کسی سے ہوئے خراب
سارے جہاں کی اُس میں ملیں گی خرابیاں
سرکار کا ہے اپنا ہی معیارِ انتخاب
یارو کہاں کی خوبیاں کیسی خرابیاں
آدم خطا کا پُتلا ہے گر مان لیں یہ بات
نکلیں گی اِس خرابی سے کتنی خرابیاں
اُن ہستیوں کی راہ پہ دیکھیں گے چل کے ہم
جن میں نہ تھیں کسی بھی طرح کی خرابیاں
بوئیں گے اپنے باغ میں سب خوبیوں کے بیج
جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ساری خرابیاں
باصرؔ کی شخصیت بھی عجب ہے کہ اُس میں ہیں
کچھ خوبیاں خراب کچھ اچھی خرابیاں
باصر کاظمی

ہوتے نہ یوں ہمارے جواں دربدر خراب

کرتے نہ ہم جو اہلِ وطن اپنا گھر خراب
ہوتے نہ یوں ہمارے جواں دربدر خراب
اعمال کو پرکھتی ہے دنیا مآل سے
اچھا نہ ہو ثمر تو ہے گویا شجر خراب
اک بار جو اتر گیا پٹٹری سے دوستو
دیکھا یہی کہ پھر وہ ہوا عمر بھر خراب
منزل تو اک طرف رہی اتنا ضرور ہے
اک دوسرے کا ہم نے کیا ہے سفر خراب
ہوتی نہیں وہ پوری طرح پھر کبھی بھی ٹھیک
ہو جائے ایک بار کوئی چیز گر خراب
اے دل مجھے پتہ ہے کہ لایا ہے تو کہاں
چل خود بھی اب خراب ہو مجھ کو بھی کر خراب
اِس کاروبارِ عشق میں ایسی ہے کیا کشش
پہلے پدر خراب ہوا پھر پسر خراب
اک دن بھی آشیاں میں نہ گزرا سکون سے
کرتے رہے ہیں مجھ کو مرے بال و پر خراب
رہ رہ کے یاد آتی ہے استاد کی یہ بات
کرتی ہے آرزوئے کمالِ ہنر خراب
اِس تیرہ خاکداں کے لیے کیا بِلا سبب
صدیوں سے ہو رہے ہیں یہ شمس و قمر خراب
لگتا ہے اِن کو زنگ کسی اور رنگ کا
کس نے کہا کہ ہوتے نہیں سیم و زر خراب
اک قدر داں ملا تو یہ سوچا کہ آج تک
ہوتے رہے کہاں مرے لعل و گہر خراب
خاموش اور اداس ہو باصرؔ جو صبح سے
آئی ہے آج پھر کوئی گھرسے خبر خراب
باصر کاظمی

اُن کے کام اگر دیکھیں تو ہیں بس عام سے کام

کام سے بڑھ کر تھا جن کو جاہ و اکرام سے کام
اُن کے کام اگر دیکھیں تو ہیں بس عام سے کام
جن کا کام بنانا چاہا اُن سے بگڑ گئی
اسی لیے اب ہم رکھتے ہیں اپنے کام سے کام
کوئی نہ کوئی نئی مصیبت روز کھڑی کرتے ہو
ایک بھی دن کرنے نہ دیا ہم کو آرام سے کام
ابھی تو اُس میں دیکھتے ہو دنیا بھر کے اوصاف
پوچھوں گا جس روز پڑے گا اُس گلفام سے کام
لوگ گلی کوچوں میں بچارے ہو جاتے ہیں خوار
تم تو فقط کہہ دیتے ہو بالائے بام سے کام
زاہد اس سے قبل کہ جانا ہو داتا کے پاس
ہو توفیق تو کچھ کر لو سَر گنگا رام سے کام
اپنی کوشش تو ہوتی ہے اچھے شعر سنائیں
ورنہ چل جاتا ہے ناصِر تیرے نام سے کام
تھوڑی دیر رُکے ہیں باصرؔ ٹھنڈی چھاؤں میں ہم
پیڑ گِنے وہ باغ ہے جس کا ہمیں تو آم سے کام
باصر کاظمی

زیادہ رہ نہیں سکتا کوئی کسی کی جگہ

قرار پاتے ہیں آخر ہم اپنی اپنی جگہ
زیادہ رہ نہیں سکتا کوئی کسی کی جگہ
بنانی پڑتی ہے ہر شخص کو جگہ اپنی
ملے اگرچہ بظاہر بنی بنائی جگہ
دل و نظر کی جو بچھڑے ہوئے تھے مدت سے
ہوئی ہے آج ملاقات اک پرانی جگہ
ہیں اپنی اپنی جگہ مطمئن جہاں سب لوگ
تصورات میں اپنے ہے ایک ایسی جگہ
یہاں نہ جینے کا وہ لطف ہے نہ مرنے کا
کہا تھا کس نے کہ آ کر رہو پرائی جگہ
گِلہ بھی تجھ سے بہت ہے مگر محبت بھی
وہ بات اپنی جگہ ہے یہ بات اپنی جگہ
نہیں ہے سہل کوئی جانشینِ قیس ملے
پڑی ہوئی ہے بڑی دیر سے یہ خالی جگہ
کیے ہوئے ہے فراموش تو جسے باصرِؔ
وہی ہے اصل میں تیرا مقام تیری جگہ
باصر کاظمی

پھول کو کھِلنے سے مطلب ہے چمن کوئی بھی ہو

دل لگا لیتے ہیں اہلِ دل وطن کوئی بھی ہو
پھول کو کھِلنے سے مطلب ہے چمن کوئی بھی ہو
صورتِ حالات ہی پر بات کرنی ہے اگر
پھر مخاطَب ہو کوئی بھی انجمن کوئی بھی ہو
تارِ گیسو یا رگِ گُل سے ہوئے ہم بے نیاز
دار تک جب آ گئے عاشق رسن کوئی بھی ہو
ہے وہی لا حاصلی دستِ ہنر کی منتظر
آخرش سر پھوڑتا ہے کوہکن کوئی بھی ہو
ہیں جو پُر از آرزو ہوتے نہیں محتاجِ مے
رات دن مخمور رکھتی ہے لگن کوئی بھی ہو
ہے کسی محبوب کی مانند اُس کا انتظار
دیدہ و دل فرشِ رہ مشتاقِ فن کوئی بھی ہو
شاعری میں آج بھی ملتا ہے ناصِر کا نشاں
ڈھونڈتے ہیں ہم اُسے بزمِ سخن کوئی بھی ہو
عادتیں اور حاجتیں باصرِؔ بدلتی ہیں کہاں
رقص بِن رہتا نہیں طاؤس بَن کوئی بھی ہو
باصر کاظمی

کچھ ٹائٹل پر دیئے گئے شعر کے بارے میں

مری دانست میں نامِ محمد

کلیدِ ہر دو عالم اسمِ اعظم

(ب س ک)

کچھ ٹائٹل پر دیئے گئے شعر کے بارے میں

دل لگا لیتے ہیں اہلِ دل وطن کوئی بھی ہو

پھول کو کھِلنے سے مطلب ہے چمن کوئی بھی ہو

باصِر سلطان کاظمی کا یہ شعراور اِس کا انگریزی ترجمہ، جو شاعر اور دیبجانی چیٹرجی کی مشترکہ کاوش ہے ،دس دیگر زبانوں کے شعری نمونوں کے ساتھ ،پتھرپہ کندہ کر کے لندن سے ملحقہ شہر سلاؤ ((Slough کے میکنزی سکوائر(McKenzie Square) میں نصب کیا گیا ہے۔ شعراء میں فلسطین کے معروف شاعر محمود درویش بھی شامل ہیں ۔ اِس پروجیکٹ کے لیے آرٹس کونسل آف انگلینڈ نے اوکسفورڈشائر کے سنگ تراش Alec Peevar کی خدمات حاصل کیں ۔

باصر کاظمی

باصِر کاظمی کی غزل ۔ از پروفیسر مشکور حسین یاد

پروفیسر مشکور حسین یاد

باصِر کاظمی کی شاعری میں عوام کی روزمرّہ زندگی کے بارے میں زیادہ باتیں ہیں اور ایسی زبان اور ایسے انداز میں ہیں کہ جن کو آج کے ادب ناپسند عوام بھی سمجھ سکتے ہیں اور سمجھتے ہیں… ایسی آسان زبان جس میں معنی کی گہرائی اس انداز سے پیدا ہوئی ہو جس میں عام معمولی پڑھا لکھا آدمی بھی غوطہ لگا سکے۔یعنی جہاں زبان کی سادگی کو نظر انداز کر کے عام آدمی بھی مفہوم کی طرف متوجہ ہو جائے… خالصتہَ باصِر کے اسلوبِ کی مثال ملاحظہ کیجیے:

دل چھوٹی چھوٹی باتوں پہ جلتا ہے اِس لیے

ہوتے ہیں اصل بات سے ہم لوگ بے خبر

لوگ جب مِلتے ہیں کہتے ہیں کوئی بات کرو

جیسے رکھی ہوئی ہوتی ہو مِرے ہات پہ بات

کیا کیا وہ ہمیں سنا گیا ہے

رہ رہ کے خیال آ رہا ہے

اِک بات نہ کہہ کے آج کوئی

باتوں میں ہمیں ہرا گیا ہے

یہ ناصِر کاظمی کا اسلوب تو قطعی نہیں ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ باصِر اپنے اسلوبِ خاص سے ہٹتا بھی ہے تو کمال دکھاتا ہے یعنی عام آدمی کو بڑی حد تک اِس تجربہ میں شامل کرنے کی کوشش کرتا ہے:

کچھ دکھائی نہیں دیتا ترے سودائی کو

دل کے بجھتے ہی یہ کیا ہو گیا بینائی کو

مگر اس کے اسلوب میں معنی خیزی کا کمال بھی دیکھیے۔ بڑی عام سی بات ہے:

ہے جس کا انتظار وہ ممکن ہے آ ہی جائے

تھوڑی سی دیر کے لیے بارش رکی تو ہے

اب آپ اس شعر کے ایک لفظ بارش سے جتنے چاہے معانی نکال سکتے ہیں۔ لیکن باصِر جیسے جیسے آگے بڑھتا ہے یعنی دوسرے دور سے تیسرے میں داخل ہوتا ہے تو اپنے خاص اسلوب کی طرف زیادہ متوجہ نظر آتا ہے:

ہم کو اپنا شہر یاد آتا نہ شاید اِس قدر

کیا کریں رہتا ہے تیرے شہر کا موسم خراب

باصِرؔ تمہیں یہاں کا ابھی تجربہ نہیں

بیمار ہو پڑے رہو، مر بھی گئے تو کیا

بدنام ہے نادانی میں لیکن اِسی دل نے

میرے تو کئی بِگڑے ہوئے کام سنوارے

کہا ہم نے کہ ہو تم بے مروّت

کہا ہم بے مروّت ہی سہی، تو

باصِر عام طورپر شاعرانہ حربے استعمال نہیں کرتابلکہ کبھی کبھی تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ جان بوجھ کر بڑے بڑے شاعروں کو اور بڑی بڑی قسم کی شاعری کو دور سے اپنا ٹھینگا دکھا رہا ہے اور اس طرح یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ خالص شاعری میں حربے استعمال نہیں ہوا کرتے۔ یعنی خالص شاعری کو کسی طرح کے حربوں کی ضرورت نہیں البتہ بصیرت کی ضرورت ہوتی ہے…باصِر کے دو چار شعر اور سن لیجیے:

کتنا کام کریں گے

اب آرام کریں گے

ویسے تو وہ دوست ہیں سبھی کے

کام آتے ہیں پر کسی کسی کے

زخم تمہارے بھر جائیں گے تھوڑی دیر لگے گی

بے صبری سے کام لیا تو اور بھی دیر لگے گی

اللہ ایسے موقعے مجھے بار بار دے

جتنا ادھار ہے مرے سر سے اتار دے

پڑا ہے آج ہمیں ایک مطلبی سے کام

خدا کرے کہ اُسے ہم سے کام پڑ جائے

برا ہرگز نہیں اُس کا رویّہ

مگر کچھ حوصلہ افزا نہیں ہے

…اب ذرا باصِر کاظمی کاشعر زندگی کے تماشے کے بارے میں سنیے۔ کسی طمطراق اور طنطنے کے بغیر باصِر زندگی کو ایک عام آدمی کی طرح بھی دیکھتا ہے اوراُس کو اِس پر غور و فکر کے لیے بھی اکسا رہا ہے لیکن کسی شورو غوغا کے ساتھ نہیں:

دیکھتے ہی دیکھتے کیا ہو گئی ہے زندگی

ہاں مگر حیراں نہ ہو اے دل یہی ہے زندگی

موجِ خیال پڑھتے وقت مجھے بار بار قرآنِ پاک کی سورہ شعرا کی آخری آیات یاد آتی رہیں جن میں پہلی بات تو یہ کہی گئی ہے کہ شعراکی پیروی گمراہ لوگ کرتے ہیں کیونکہ شعرا اپنے اشعار میں جو چاہتے ہیں بلا ضرورت بیان کر دیتے ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ و ہ جو کہتے ہیں کرتے نہیں۔وہی بات کہ شعرا کی شاعری میں حقائق کا اظہار اس طرح نہیں ہوتاجس سے عام آدمی صحیح معنی میں مستفید ہو سکے۔ غالباَ باصِر کے لاشعور میں یا شعور میں یہ بات کچھ زیادہ ہی مضبوطی کے ساتھ جاگزیں ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ ایسی شاعری کرے جس سے ہر آدمی مستفید ہو سکے… باصِر خواہ مخواہ کے وہم و گمان کی وادیوں میں بھٹکتا نہیں پھرتابلکہ اپنے بظاہر دھیمے لہجے میں ظلم و ستم کے خلاف آواز ہی بلند کرتا رہا ہے۔

( مطبوعہ ’علامت‘، مئی 1999ئ)

باصر کاظمی

موجِ خیال ۔ متفرق اشعار

1970

ہماری آنکھ نہ ہوتی تو حُسن کیا کرتے

ہمارے دل میں نہ ہوتے تو وہ کہاں ہوتے


میری خوشی میں تیری خوشی تھی

اب دُکھ میں کیوں بھاگ رہا ہے


بعد موت کے ہماری روح 

دنیا کو کیا پاتی ہو گی


یہ تھوڑا تھوڑا جو پینے کو مل رہا ہے تو کیا

مزا ہی جب ہے کہ پینے کے بعد پیاس رہے

1974

آشنا درد سے ہونا تھا کسی طور ہمیں

تُو نہ ملتا تو کسی اور سے بچھڑے ہوتے

1986

اب کے جھگڑا ہے مِرا خوبیِ تقدیر کے ساتھ

نامۂ شیریں ملا تلخیِ تاخیر کے ساتھ

ہم نے دانستہ بھُلا ڈالے جو دیکھے تھے خواب

زندگی کٹ نہیں سکتی تِری تصویر کے ساتھ


فاصلے کسی طرح کچھ اگر ہوئے کم بھی

دیکھتے رہے تم بھی سوچتے رہے ہم بھی


گرچہ اپنی جیب میں بھی کچھ سِکے ہیں

لیکن اِس بازار میں یہ کب چلتے ہیں

1987

یا تو مجنوں کی سی وحشت ہی دکھائی ہوتی

زندگی ورنہ قرینے سے بِتائی ہوتی


دور رہتا ہے وہ دانستہ مری محفل سے

ہے کوئی بات کہ جاتی نہیں اُس کے دل سے


یہ آنکھیں دماغ اور دل دشمن ہیں جگر تیرے

مارا تجھے اپنوں نے الزام ہے غیروں پر 


یہ مزاجِ یار کی بھول ہے بھلا یہ کہاں کا اصول ہے

کسی ایک دن جو بھلا لگا وہ تمام عُمر بھلا لگے


کہتا رہا میں اُس سے کہ ہاں ہاں کہو کہو

لیکن زبانِ دوست پہ ’بس کچھ نہیں‘ رہا


تم روشنیِ صبح ہو میں تیرگیِ شب

سچ ہے کہ مرے تم سے ستارے نہیں ملتے


جاتا نہیں ہے جڑ سے کبھی عشق کا مرض

ہوتا ہے چند روز دوائی سے فائدہ

شکوے کا اب خیال بھی آتا نہیں ہمیں

وہ بات ہی نہیں تو لڑائی سے فائدہ


مِل رہا ہے آج وہ جس طور سے

آپ نے دیکھا نہیں ہے غور سے

آپ تو اُس کے لیے سُولی چڑھیں

اور وہ پینگیں بڑھائے اور سے

1990

ہر بات کا سُراغ نہاں اُس کی ضد میں ہے

چاہا تھا اپنے آپ کو پانا سو کھو گئے


اچھے ہیں سب حیات کے جتنے بھی دور ہیں

یہ بات جو سمجھ گئے وہ لوگ اور ہیں

16اکتوبر

1991

ہو جائیں نفس چند کہیں آ کے جو آباد

سمجھو کہ وہیں پڑ گئی اِک شہر کی بنیاد

یکم جنوری 

1993

کرو میلا نہ دل اپنا سُنا ہوگا یہ تم نے بھی

بُرا کہنا بھلے لوگوں کو عادت ہے زمانے کی

بچھڑنے والے اپنے ساتھ کیا کیا لے گئے باصرؔ

یہ دنیا دلنشیں اتنی نہیں اب جتنی پہلے تھی

12فروری


اللہ ایسے موقعے مجھے بار بار دے

جتنا ادھار ہے مرے سر سے اتار دے

16جون


آتا نہیں اُنہیں کبھی خود سے مرا خیال

میں گاہے گاہے خود ہی بتاتا ہوں اپنا حال

باصرِؔ تمام دن کی مشقت بجا مگر

ہے ابتدائے شب ابھی سونے کا کیا سوال

اگست

1994

دنیا کے بکھیڑوں سے نکل پائیں گے کیسے

کہتے تو تھے آئیں گے مگر آئیں گے کیسے

7مئی


پڑا ہے آج ہمیں ایک مطلبی سے کام

خدا کرے کہ اُسے ہم سے کام پڑ جائے

13مارچ


1995

میری خوش وقتی سے پرخاش کچھ ایسی ہے تجھے

دل جلے جس سے مرا بات وہ کرنی ہے تجھے

مجھے کرنی تو ہے کچھ بات مگر ایسے نہیں

آج لگتا ہے کسی بات کی جلدی ہے تجھے

20نومبر

1996

ہو جس کی ہمیں طلب زیادہ

ملتی ہے وہ چیز کب زیادہ

پہلے سے زیادہ گرم ہے جیب

لینے لگے قرض اب زیادہ


18مارچ

اہلِ دل آ گئے کہاں سے کہاں

دیکھیے جائیں گے یہاں سے کہاں

اچانک مہرباں ہونے کا مطلب

کہاں ملتے تھے ہم سے آپ اِس ڈھب
اچانک مہرباں ہونے کا مطلب
بتایا ہی نہیں ہم کو کسی نے
وہ آئے تھے ہمارے شہر میں؟ کب؟
چلو ہوتا رہا اب تک گزارا
کریں گے بات ہم اُن سے مگر اب
اگرچہ عشق نے اندھا کیا ہے
نظر میں ہیں تمہاری حرکتیں سب
ہمیں معلوم ہو جاتا ہے باصرِؔ
کیا دل سے کسی نے یاد جب جب
باصر کاظمی

اُن سے ہمیں جب جہاں ملاؤ

کیا کہتے ہو کب کہاں ملاؤ
اُن سے ہمیں جب جہاں ملاؤ
میں کب سے ہوں گوش بر آواز
لفظوں سے کبھی زباں ملاؤ
سَر آنکھوں پہ اختلاف لیکن
اک بار تو ہاں میں ہاں ملاؤ
کچھ یاد دلائیں آپ کو ہم
آنکھیں تو ہماری جاں ملاؤ
اب زخم ہمارے بھر گئے ہیں
ناوک سے ذرا کماں ملاؤ
باصر کاظمی

بے صبری سے کام لیا تو اور بھی دیر لگے گی

زخم تمہارے بھر جائیں گے تھوڑی دیر لگے گی
بے صبری سے کام لیا تو اور بھی دیر لگے گی
یوں بے حال نہ ہو اے دل بس آتے ہی ہوں گے وہ
کل بھی دیر لگی تھی اُن کو آج بھی دیر لگے گی
سیکھ لیا ہے میں نے اپنے آپ سے باتیں کرنا
فکر نہیں اُن کو آنے میں کتنی دیر لگے گی
صاحب آج تو اپنا کام کرا کے جائیں گے ہم
ساری شرطیں پوری ہیں پھر کیسی دیر لگے گی
کون رکے اب اُس کے در پر شام ہوئی گھر جائیں
اتنا ضروری کام نہیں ہے جتنی دیر لگے گی
اِتنی دیر میں کچھ کے کچھ ہو جائیں گے حالات
خط لکھنے سے خط ملنے تک جتنی دیر لگے گی
مارگزیدہ کون بچا ہے باصرِؔ شکر کرو تم
ٹھیک بھی ہو جاؤ گے لیکن خاصی دیر لگے گی
باصر کاظمی

کام آتے ہیں پر کسی کسی کے

ویسے تو وہ دوست ہیں سبھی کے
کام آتے ہیں پر کسی کسی کے
پھِر آج زمین کے ستارے
مہمان ہوئے ہیں چاندنی کے
کیا بات کرتے ہو دوستی کی
قابل نہیں وہ تو دشمنی کے
باصر کاظمی

اب آرام کریں گے

کتنا کام کریں گے
اب آرام کریں گے
تیرے دیے ہوئے دُکھ
تیرے نام کریں گے
کون بچا ہے جسے وہ
زیرِ دام کریں گے
اہلِ درد ہی آخر
خوشیاں عام کریں گے
رات بھی دن جیسی ہے
کب آرام کریں گے
نوکری چھوڑ کے باصرِؔ
اپنا کام کریں گے
باصر کاظمی

اُس کو ہونا ہی تھا خفا سو ہوا

یہ تو سب ٹھیک ہے بُرا تو ہوا
اُس کو ہونا ہی تھا خفا سو ہوا
میں بھی دنیا میں دل لگاتا ہوں
بھول جا تو بھی آج تک جو ہوا
آنے والے دنوں کی فکر کرو
چلو اب تک تو جو ہوا سو ہوا
شاعری پر گمان جادو کا
کیا عجب ہے اگر کسی کو ہوا
گھر میں ہر چند کچھ نہیں باصرِؔ
سَر چھپانے کا آسرا تو ہوا
باصر کاظمی

مجھے بھی عشق کا سودا نہیں ہے

خیال اُس کو اگر میرا نہیں ہے
مجھے بھی عشق کا سودا نہیں ہے
بُرا ہرگز نہیں اُس کا رویہ
مگر کچھ حوصلہ افزا نہیں ہے
تمہاری مہربانی تم نے پوچھا
ہمارا حال کچھ اچھا نہیں ہے
جو اُن کے جی میں آئے گی کریں گے
کسی کا زور تو چلتا نہیں ہے
پرانی بات اُن سے کیا کریں اب
انہیں کچھ یاد تو رہتا نہیں ہے
بُرا کہتا تو ہوں میں اُن کو باصرؔ
کبھی اُن کا بُرا چاہا نہیں ہے
باصر کاظمی

اُس نے اُتنا ہی مجھ کو خوار کیا

میں نے جتنا کسی سے پیار کیا
اُس نے اُتنا ہی مجھ کو خوار کیا
سَرسَری اُس نے کوئی کام کہا
ہم نے اعصاب پر سوار کیا
حاکمِ وقت ہی سہی باصرِؔ
وقت نے کس کا انتظار کیا
باصر کاظمی

یہ الگ بات بے سبب نہ ہوئی

مہرباں وہ نگاہ کب نہ ہوئی
یہ الگ بات بے سبب نہ ہوئی
پاس بیٹھا رہا وہ اور ہمیں
بات کرنے کی بھی طلب نہ ہوئی
کھو دیا اُس نے آخری موقع
صلح اُس سے ہماری اب نہ ہوئی
آج بارش ہوئی تو کیا باصرِؔ
جب زمیں جل رہی تھی تب نہ ہوئی
باصر کاظمی

ساتھ وہ یارِ خوش فضا بھی تھا

موسمِ ابر کا مزا بھی تھا
ساتھ وہ یارِ خوش فضا بھی تھا
ایک تو چارہ گَر مِلے ناقِص
کچھ مرا درد لادوا بھی تھا
اک تو ویسے ہی بدمزاج ہے وہ
اور اُس روز کچھ خفا بھی تھا
اب تو جینے کی بھی نہیں ہمت
کبھی مرنے کا حوصلہ بھی تھا
تو کچھ اپنا خیال کر باصرؔ
اُس نے جاتے ہوئے کہا بھی تھا
باصر کاظمی

مِری دعا ہے کہ وہ خوش رہے جہاں بھی رہے

کہاں ملے گا وہ مجھ سے اگر یہاں بھی رہے
مِری دعا ہے کہ وہ خوش رہے جہاں بھی رہے
دلِ خراب یہ خواہش تِری عجب ہے کہ وہ
سِتم بھی کم نہ کرے اور مہرباں بھی رہے
ابھی زمین پہ جنت نہیں بنی یارو
جہاں کے قصے سُناتے ہو ہم وہاں بھی رہے
رہا ہمیشہ ہی سامان مختصر اپنا
مسافروں کی طرح ہم رہے جہاں بھی رہے
جو ساتھ چلنے کے بھی مستحق نہ تھے باصرِؔ
کچھ ایسے لوگ یہاں میرِ کارواں بھی رہے
باصر کاظمی

کہتا ہے دل کہ آج نکل جا کسی طرف

بادل ہے اور پھول کھِلے ہیں سبھی طرف
کہتا ہے دل کہ آج نکل جا کسی طرف
تیور بہت خراب تھے سنتے ہیں کل ترے
اچھا ہُوا کہ ہم نے نہ دیکھا تِری طرف
جب بھی مِلے ہم اُن سے اُنہوں نے یہی کہا
بس آج آنے والے تھے ہم آپ کی طرف
اے دل یہ دھڑکنیں تِری معمول کی نہیں
لگتا ہے آ رہا ہے وہ فِتنہ اِسی طرف
خوش تھا کہ چار نیکیاں ہیں جمع اُس کے پاس
نکلے گناہ بیسیوں اُلٹا مِری طرف
باصرِؔ عدو سے ہم تو یونہی بدگماں رہے
تھا اُن کا اِلتفات کسی اور ہی طرف
باصر کاظمی

دشمنی جس کی دوستی جیسی

پھر ہمیں جستجو ہوئی اُس کی
دشمنی جس کی دوستی جیسی
سامنے اُس کی سَرد مہری کے
کیا ہمارے مزاج کی گرمی
چھیڑنا چاہتے ہو دُکھتی رگ
بات ہو جائے گی بہت لمبی
ابھی تو صبح کا اُجالا تھا
ہو گئی شام کس قدر جلدی
تِیر تو بعد میں چلا باصرِؔ
تم نے پہلے ہی جان دے ڈالی
باصر کاظمی

رہ رہ کے خیال آ رہا ہے

کیا کیا وہ ہمیں سُنا گیا ہے
رہ رہ کے خیال آ رہا ہے
اک بات نہ کہہ کے آج کوئی
باتوں میں ہمیں ہرا گیا ہے
تم خوش نہیں ہو گے ہم سے مِل کے
آ جائیں گے ہم ہمارا کیا ہے
ہم لاکھ جواز ڈھونڈتے ہوں
جو کام بُرا ہے وہ بُرا ہے
کیا فائدہ فائدے کا یارو
نقصان میں کیا مضائقہ ہے
تم ٹھیک ہی کہہ رہے تھے اُس دن
کچھ ہم نے بھی اِن دنوں سُنا ہے
جتنی ہے تری نگاہ قاتل
اُتنی ترے ہاتھ میں شِفا ہے
دوشاخہ ہے میرے ذہن میں کیوں
جب سامنے ایک راستا ہے
کہنے کو ہَرا بھرا ہے لیکن
اندر سے درخت کھوکھلا ہے
خوش کرنے کو جو کہی تھی تُو نے
باصرِؔ اُسی بات پر خفا ہے
باصر کاظمی

ذرا ملال نہ ہو تُو نہ گَر کہے کچھ بھی

ہمارے ساتھ زمانہ کیا کرے کچھ بھی
ذرا ملال نہ ہو تُو نہ گَر کہے کچھ بھی
وہ اور وقت تھے جب انتخاب ممکن تھا
کریں گے اہلِ ہُنر کام اب ملے کچھ بھی
نہیں ہے وقت مِرے پاس ہر کسی کے لیے
مری بَلا سے وہ ہوتے ہوں آپ کے کچھ بھی
جو میرا حق ہے مجھے وہ تو دیجیے صاحب
طلب کیا نہیں میں نے جناب سے کچھ بھی
ذرا سی بات پہ تیرا یہ حال ہے باصرِؔ
ابھی تو میں نے بتایا نہیں تجھے کچھ بھی
باصر کاظمی

یہی بہتر کہ اُٹھا رکھوں ملاقات پہ بات

خط میں کیا کیا لکھوں یاد آتی ہے ہر بات پہ بات
یہی بہتر کہ اُٹھا رکھوں ملاقات پہ بات
رات کو کہتے ہیں کل بات کریں گے دن میں
دن گزر جائے تو سمجھو کہ گئی رات پہ بات
اپنی باتوں کے زمانے تو ہوا بُرد ہوئے
اب کیا کرتے ہیں ہم صورتِ حالات پہ بات
لوگ جب ملتے ہیں کہتے ہیں کوئی بات کرو
جیسے رکھی ہوئی ہوتی ہو مِرے ہات پہ بات
مِل نہ سکنے کے بہانے اُنہیں آتے ہیں بہت
ڈھونڈ لیتے ہیں کوئی ہم بھی ملاقات پہ بات
دوسروں کو بھی مزا سننے میں آئے باصرِؔ
اپنے آنسو کی نہیں کیجیے برسات پہ بات
باصر کاظمی

اُسے پتا نہیں شاید کہ میں گیا تو گیا

وہ اپنے شہر سے جانے کی رہ دکھا تو گیا
اُسے پتا نہیں شاید کہ میں گیا تو گیا
مَنا بھی لیتے ہیں رُوٹھے ہوؤں کو ہم لیکن
بِلا سبب کوئی ہم سے ہُوا خفا تو گیا
یہ سوچتا ہوں کہ اب اُٹھ کے کس طرح جاؤں
میں آج بھُولے سے محفل میں تیری آ تو گیا
کبھی سزا بھی ملے گی اُسے مگر فی الحال
یہی بہت ہے بُرے کو بُرا کہا تو گیا
باصر کاظمی

جیسا لکھنا چاہا ویسا لِکھا ہے

کم لِکھا ہے لیکن جتنا لِکھا ہے
جیسا لکھنا چاہا ویسا لِکھا ہے
اب پڑھنے والے بھی تھوڑا غور کریں
لکھنے والوں نے تو کیا کیا لِکھا ہے
ٹھیک ہی سمجھے میری پریشانی کو تم
اُس نے پھر کچھ ایسا ویسا لِکھا ہے
ہم لِکھ لِکھ ہلکان ہوئے اور وہ بولے
ہاں تم نے بھی اچھا خاصا لِکھا ہے
باصرِؔ تیرا حال اسی نے کیا ہے غیر
جس نے خود کو تیرا اپنا لِکھا ہے
باصر کاظمی

آنکھ میں نم زیادہ ہوتا ہے

جن دنوں غم زیادہ ہوتا ہے
آنکھ میں نم زیادہ ہوتا ہے
کچھ تو حَساس ہم زیادہ ہیں
کچھ وہ برہم زیادہ ہوتا ہے
دردِ دل کا بھی کوئی ٹھیک نہیں
خود بخود کم زیادہ ہوتا ہے
سب سے پہلے اُنہیں جھُکاتے ہیں
جن میں دم خم زیادہ ہوتا ہے
قیس پر ظلم تو ہُوا باصرِؔ
پھر بھی ماتم زیادہ ہوتا ہے
باصر کاظمی

کچھ ہوائے مشکبو کچھ ہم سبُو نے کر دیا

کچھ تو رُسوا اپنی طرزِ گفتگو نے کر دیا
کچھ ہوائے مشکبو کچھ ہم سبُو نے کر دیا
کیسے کیسے ناقصوں کی بات سننی پڑ گئی
کیا سُبک سَر ہم کو زخمِ چارہ جو نے کر دیا
شہر بھر میں ایک ہی تو رہ گیا تھا ہوش مند
سنتے ہیں اُس کو بھی دیوانہ کسو نے کر دیا
دو قدم چلنا تھا مشکل اُس اندھیرے میں مگر
راہ کو روشن چراغِ آرزو نے کر دیا
اُس نے تو باصرِؔ یونہی پوچھی تھی تیری خیریت
حالِ دل کہہ کر ہمیں شرمندہ تُو نے کر دیا
باصر کاظمی

لائے گی شاخِ بید بھی اِس باغ کی ثمر

ہم آبیاری خونِ جگر سے کریں اگر
لائے گی شاخِ بید بھی اِس باغ کی ثمر
بولیں گے جب ملے گا کوئی ہم نوا اِنہیں
بیٹھے ہوئے ہیں مُرغ جو منقار زیرِ پر
دل چھوٹی چھوٹی باتوں پہ جلتا ہے اس لیے
ہوتے ہیں اصل بات سے ہم لوگ بے خبر
وہ لوگ مدرسوں میں سِکھانے لگے زباں
جو عِلم کو عِلَم کہیں اور صبر کو صَبَر
باصِر نے تجربوں سے نہ سیکھا کوئی سبق
ہوتا نصیحتوں کا بھلا اس پہ کیا اثر
باصر کاظمی

گھر سے بے گھر بھی ہوئے اور نہ ملی منزل بھی

بحر پُر شور ہے نزدیک نہیں ساحل بھی
گھر سے بے گھر بھی ہوئے اور نہ ملی منزل بھی
ہم ابھی کچھ نہیں کہتے کہ جدائی ہے نئی
بھول جانا تجھے آسان بھی ہے مشکل بھی
اُس کی رحمت پہ بھروسا تو بجا ہے لیکن
یہ نہ بھولو کہ وہ قہار بھی ہے عادل بھی
باصر کاظمی

اگرچہ اب تو کسی بات کا نہیں افسوس

اُس ایک بات کا اب تک گیا نہیں افسوس
اگرچہ اب تو کسی بات کا نہیں افسوس
یہ دل کے زخم جو اب شرمسار کرتے ہیں
بہت پرانے ہیں پر لادوا نہیں، افسوس
چُنا تھا دیدہ و دانستہ رستۂ دشوار
کسی مقام پہ ہم نے کہا نہیں افسوس
فنا کے ڈر سے ہم اہلِ جفا سے آن ملے
زمانہ مونسِ اہلِ وفا نہیں افسوس
پھر اُس کے در پہ نظر آ رہے ہو باصرِؔ آج
تمہارا کام ابھی تک ہوا نہیں افسوس
باصر کاظمی

پوچھ مت اپنی زباں ہم نے سنبھالی کس طرح

اتنے کڑوے دور میں شیریں مقالی کس طرح
پوچھ مت اپنی زباں ہم نے سنبھالی کس طرح
حُسن و خوبی اک طرف اُس پر وفا بھی ختم ہے
ہم کو بہلاتا ہے محبوبِ خیالی کس طرح
ہو گیا دل کے مکاں میں اک حسیں آ کر مکیں
فکر یہ ہے اب کرائیں اِس کو خالی کس طرح
پاؤں رکھنا بھی جہاں کل تک نہ تھا زیبا اُنہیں
وقت نے لا کر بنایا ہے سوالی کس طرح
ہو گئے بے حال جو تیرے تغافل کے سبب
کس طرح ہو گی مگر ان کی بحالی کس طرح
کر گئے اپنا جگر چھلنی تِری یادوں کے تِیر
اب ہوائے غم کو روکے گی یہ جالی کس طرح
گلشنِ جاں میں ہوائے شعر پھر سے چل پڑی
جھومتی ہے پتی پتی ڈالی ڈالی کس طرح
جس کے من میں ہر گھڑی رہتا ہو تجھ سا جلوہ گَر
اُس کی باتوں میں نہ ہو روشن خیالی کس طرح
مدتیں درکار ہیں باصرِؔ حصولِ صبر کو
ایک دن میں تم نے یہ دولت کما لی کس طرح
باصر کاظمی

اوروں کے تو کیا ہوں گے وہ اپنے نہیں ہوتے

ہوتے ہیں جو سب کے وہ کسی کے نہیں ہوتے
اوروں کے تو کیا ہوں گے وہ اپنے نہیں ہوتے
مِل اُن سے کبھی جاگتے ہیں جن کے مقدر
تیری طرح ہر وقت وہ سوئے نہیں ہوتے
جو دن میں پھرا کرتے ہیں ہشیار و خبردار
وہ میری طرح رات کو جاگے نہیں ہوتے
ہم اُن کی طرف سے کبھی ہوتے نہیں غافل
رشتے وہی پکے ہیں جو پکے نہیں ہوتے
اغیار نے مدت سے جو روکے ہوئے تھے کام
اب ہم بھی یہ دیکھیں گے وہ کیسے نہیں ہوتے
ناکامی کی صورت میں مِلے طعنۂ نایافت
اب کام مرے اتنے بھی کچے نہیں ہوتے
شب اہلِ ہوس ایسے پریشان تھے باصرِؔ
جیسے مہ و انجم کبھی دیکھے نہیں ہوتے
باصر کاظمی

جانتے بھی ہو مزاج اِس کا بہت قہری ہے

یہ جو شیریں دہن و نرم نگہ شہری ہے
جانتے بھی ہو مزاج اِس کا بہت قہری ہے
دل میں خوں جب سے ہوا کم نہیں رو سکتے ہم
یہ زمیں آنکھوں کی بارانی نہیں نہری ہے
اِن دنوں ہے مرا صیاد عجب مشکل میں
باغ کی تازہ ہوا میری دوا ٹھہری ہے
موج میں آئے تو میٹھا بھی بہت ہے لیکن
طیش میں ہو تو مِرا یار بہت زہری ہے
کیا خبر ٹھیک نہ ہو زندگی بھر یہ باصرِؔ
تم کو اندازہ نہیں چوٹ بہت گہری ہے
باصر کاظمی

یہ ندی بعد مدت کچھ بہی تو

کہانی آنسوؤں نے کچھ کہی تو
یہ ندی بعد مدت کچھ بہی تو
کہا ہم نے کہ ہو تم بے مروت
کہا ہم بے مروت ہی سہی تو
تری ہی نذر کرنے کو ہے یہ جاں
اگر اغیار سے کچھ بچ رہی تو
ہمیں محفوظ کر رکھا ہے جس نے
یہی دیوار جب سر پر ڈہی تو
تمہاری بات سے میں متفق ہوں
ابھی میں کہہ رہا تھا کچھ یہی تو
جہالت ہی سے بچ جاؤ تو جانیں
بہت مشکل ہے باصرِؔ آگہی تو
باصر کاظمی

جس کی نظر اُٹھے اُسے کرتے ہیں اشارے

ہر ایک کو خوش فہمی میں رکھتے ہیں ستارے
جس کی نظر اُٹھے اُسے کرتے ہیں اشارے
مجنوں سے کہو کٹ چکی اک عُمر جنوں میں
باقی کسی معقول طریقے سے گزارے
بدنام ہے نادانی میں لیکن اِسی دل نے
میرے تو کئی بگڑے ہوئے کام سنوارے
کر دیں نہ کہیں ہم کو جوانی میں ہی معذور
ہم جن کو سمجھتے ہیں بڑھاپے کے سہارے
یوں تو کبھی کم آب نہ تھا آنکھوں کا دریا
سیلاب وہ آیا ہے کہ بے بس ہیں کنارے
سچ ہے کہ گُل و لالہ میں ٹھنڈک ہے تجھی سے
یہ نور ہے کس کا مگر اے چاند ہمارے
بیکار سے پتھر ہیں چمکتے ہیں جو شب کو
پوشیدہ ہیں دن میں تِری قسمت کے ستارے
باصر کاظمی

کوئی زباں دراز کوئی بے زبان ہے

لاکھوں میں کوئی کوئی یہاں خوش بیان ہے
کوئی زباں دراز کوئی بے زبان ہے
جتنے بھی تِیر تھے تِرے ترکش میں چل چکے
مدت سے تیرے ہاتھ میں خالی کمان ہے
مجھ سے زیادہ خود پہ وہ کرنے لگا ستم
جانا ہے جب سے اُس نے مِری اُس میں جان ہے
اکثر رہی ہے میرے تخیل کی سیر گاہ
وہ سَر زمین جس کے تلے آسمان ہے
کچھ تو یہ دل بھی ہو گیا کم ہمتی کا صید
اور کچھ بدن میں پچھلے سفر کی تکان ہے
ایسے پڑے ہوئے ہیں لبوں پر ہمارے قفل
ہم بھول ہی گئے ہیں کہ منہ میں زبان ہے
باصرِؔ کچھ اپنے آپ میں رہنے لگا ہے مست
اے حُسنِ بے خیال ترا امتحان ہے
باصر کاظمی

تھی ورنہ جانے کب سے طبیعت بھری ہوئی

اچھا ہوا کہ بات بہت سرسری ہوئی
تھی ورنہ جانے کب سے طبیعت بھری ہوئی
پَل میں نکال پھینکنا دل کے مکین کو
ایسی تو آج تک نہ کوئی بے گھری ہوئی
اب انتظار کیجیے اگلی بہار کا
ہے شاخ کون سی جو خِزاں میں ہری ہوئی
رہتا ہے کارواں سے الگ میرِ کارواں
اے اہلِ کارواں یہ عجب رہبری ہوئی
ہر بار تم کو اُس کا کہا ماننا پڑے
باصرِؔ یہ دوستی تو نہیں نوکری ہوئی
باصر کاظمی

اب شاعری کو چاہیے اک دوسرا دماغ

اس فکرِ روزگار میں سب کھَپ گیا دماغ
اب شاعری کو چاہیے اک دوسرا دماغ
اب کوئی بات ٹھیک سے رہتی نہیں ہے یاد
وہ دل کہاں چلا گیا اور کیا ہُوا دماغ
اُٹھا جو یہ سوال کہ ثالث کسے بنائیں
میں نے کہا کہ دل سہی اُس نے کہا دماغ
تھا دل تو چیز کیا صفِ مژگاں کے سامنے
اس معرکے میں شکر یہ ہے بچ گیا دماغ
باصرِؔ یہ آدمی بھی ہے کتنی عجیب چیز
اِتنے سے اِس کے سَر میں ہے کتنا بڑا دماغ
باصر کاظمی

اب کے برف بہت پگھلی ہے خیر مناؤ شہروں کی

تم بھی دیکھ رہے ہو صورت دریاؤں اور نہروں کی
اب کے برف بہت پگھلی ہے خیر مناؤ شہروں کی
جانے اِن میں سے کب کوئی اپنا کام دِکھا جائے
دل میں اک دکان لگی ہے رنگ برنگے زہروں کی
کوئی کام کی بات کرے تو ہم سو بار سنیں ورنہ
بہتر ہے بہرے بن جائیں اک نہ سنیں بے بہروں کی
آخر ہم کو بھی اک دن دریا میں اترنا ہے باصرؔ
سو اِن روزوں دیکھ رہے ہیں کیا صورت ہے لہروں کی
باصر کاظمی

ہاں مگر حیراں نہ ہو اے دل یہی ہے زندگی

دیکھتے ہی دیکھتے کیا ہو گئی ہے زندگی
ہاں مگر حیراں نہ ہو اے دل یہی ہے زندگی
اپنا اپنا تجربہ ہے اپنی اپنی سوچ ہے
زندگی بھی موت ہے اور موت بھی ہے زندگی
تو عبث بیزار ہے یک رنگیِ ایام سے
دیکھ آنکھیں کھول کے ہر دم نئی ہے زندگی
کہہ رہا تھا کتنی حسرت سے کوئی کیا فائدہ
اب کہ آنکھیں بند ہوتی ہیں کھلی ہے زندگی
کام جتنے ہیں ترے ذمے سبھی ہو جائیں گے
اِتنی جلدی کیا پڑی باصرِؔ ابھی ہے زندگی
باصر کاظمی

ظالم کا بس چلے تو سدا رات ہی رہے

جور و ستم کی اُس کے سیاہی چھپی رہے
ظالم کا بس چلے تو سدا رات ہی رہے
چاہی تھی زندگی کے لیے کوئی آرزو
اب آرزو یہی ہے کہ بس زندگی رہے
اب چاہے دربدر ہی پھریں ہم تمام عمر
کافی ہے یہ کہ دل میں تمہارے کبھی رہے
یہ اور بات ہے کہ ہمیں کو سزا ملی
گرچہ شریکِ جرمِ تمنا سبھی رہے
باصر کاظمی

ڈرتا ہوں دوسروں کے عمل دخل سے بہت

اُمّیدِ انتظام تو ہے عقل سے بہت
ڈرتا ہوں دوسروں کے عمل دخل سے بہت
مت بدگمان ہو جو تجھے دیکھتا ہوں میں
مِلتی ہے تیری شکل کسی شکل سے بہت
قسمت شبِ فِراق کی یونہی نہیں کھلی
شکوے ہیں عاشقوں کو شبِ وصل سے بہت
جن کی اَدائے حُسن کی اب شہر میں ہے دھُوم
پہنچا ہے اُن کو فیض تِری نقل سے بہت
دیکھا دلِ خموش نے تختہ اُلٹ دیا
لینے لگے تھے کام ذرا عقل سے بہت
باصر کاظمی

احساس ہی رہا نہیں کچھ ہست و بُود کا

دل اِس قدر شکار ہُوا ہے جمود کا
احساس ہی رہا نہیں کچھ ہست و بُود کا
ہے کونسا زیاں کہ نہ ہو جس میں کوئی سُود
اور یوں زیاں ثمر نہیں کس نخلِ سُود کا
سوچو تو ہے دکھاوا چھپانے کا ایک ڈھنگ
اور پردہ داری حیلہ ہے ذوقِ نمود کا
سنتے ہیں کر لیا ہے کسی زُلف نے اسیر
منکر سدا رہا جو رسوم و قیود کا
دل کی کلی جو بند ہے باصِر تو کیا کریں
ہے کس کے اختیار میں لمحہ کشود کا
باصر کاظمی

جینے کی دوا پائی اُسی زہر میں ہم نے

کھینچا تھا کبھی غم جو تِرے شہر میں ہم نے
جینے کی دوا پائی اُسی زہر میں ہم نے
جانا یہ بالآخر کہ نبھانا نہیں ممکن
وہ عہد کیا ہو گا کسی لہر میں ہم نے
جو اِتنی کٹھن رات کی کاوش کا ثمر تھی
اُس صبح کو دیکھا نہیں دوپہر میں ہم نے
ہے کونسا گوشہ جو نظر میں نہیں اپنی
اک عُمر گزاری ہے اِسی شہر میں ہم نے
گھبرا گئے بس تم تو کنارے ہی پہ باصرِؔ
ہاں تیرنا سیکھا تھا اِسی نہر میں ہم نے
باصر کاظمی

کچھ وہ بھی ہیں جو کہتے ہیں سَر بھی گئے تو کیا

ہم جیسے تیغِ ظلم سے ڈر بھی گئے تو کیا
کچھ وہ بھی ہیں جو کہتے ہیں سَر بھی گئے تو کیا
اُٹھتی رہیں گی درد کی ٹیسیں تمام عُمر
ہیں زخم تیرے ہاتھ کے بھر بھی گئے تو کیا
ہیں کونسا بہار کے دن اپنے منتظر
یہ دن کسی طرح سے گزر بھی گئے تو کیا
ہم تو اِسی طرح سے پھریں گے خراب حال
یہ شعر تیرے دل میں اُتر بھی گئے تو کیا
باصِرؔ تمہیں یہاں کا ابھی تجربہ نہیں
بیمار ہو پڑے رہو مَر بھی گئے تو کیا
باصر کاظمی

کام تھوڑا تھا گفتگو تھی بہت

دل میں ہر چند آرزو تھی بہت
کام تھوڑا تھا گفتگو تھی بہت
سنگِ منزل یہ چھیڑتا ہے مجھے
آ تجھے میری جستجو تھی بہت
اے ہوس دیکھ داغ داغ جگر
تو بھی مشتاقِ رنگ و بُو تھی بہت
بڑھ گئی اُن سے مل کے تنہائی
روح جویائے ہم سبو تھی بہت
اک تِری ہی نگاہ میں نہ جچے
شہر میں ورنہ آبرو تھی بہت
باصر کاظمی

بڑا مہنگا پڑا یارانۂ دل

خوب تھا رہتے جو بیگانۂ دل
بڑا مہنگا پڑا یارانۂ دل
ایک وہ جس کا ہے دل دیوانہ
ایک میں ہوں کہ ہوں دیوانۂ دل
خاک تو پہلے بھی اُڑتی تھی مگر
تجھ سے آباد تھا ویرانۂ دل
آج وہ گھر ہے کھنڈر سا ویراں
جس پہ تحریر تھا کاشانۂ دل
اک ذرا لہر اٹھی اور چھلکا
کیا بھرا رہتا تھا پیمانۂ دل
ابھی باقی ہے طلب آنکھوں میں
ہے ادھورا ابھی افسانۂ دل
جس قدر پی سکو پی لو باصرِؔ
بند ہونے کو ہے میخانۂ دل
باصر کاظمی

تیرے دل کی برف نے دیکھا نہیں ہے آفتاب

چشمِ کم سے دیکھتا ہے کیوں مِری چشمِ پُر آب
تیرے دل کی برف نے دیکھا نہیں ہے آفتاب
یوں گزرتی جا رہی ہے زندگی کی دوپہر
دل میں اک امیدِ کاذب اور آنکھوں میں سراب
خود سَری اُس تُند خو کی جاتے جاتے جائے گی
ایک ہی دن میں کبھی آتا نہیں ہے انقلاب
تم نے ہم کو کیا دیا اور ہم سے تم کو کیا مِلا
مِل گئی فرصت کبھی تو یہ بھی کر لیں گے حساب
ہم کو اپنا شہر یاد آتا نہ شاید اِس قدر
کیا کریں رہتا ہے تیرے شہر کا موسم خراب
ایک خط لکھ کر سمجھنا فرض پورا ہو گیا
واہ باصرِؔ جی تمہارا بھی نہیں کوئی جواب
باصر کاظمی

باصرؔ تمہارے یار نے اچھا نہیں کیا

چھوٹا سا ایک کام ہمارا نہیں کیا
باصرؔ تمہارے یار نے اچھا نہیں کیا
رہتی رہی ہے کوئی نہ کوئی کمی ضرور
ایسا نہیں کیا کبھی ویسا نہیں کیا
دو چار بار دیکھ لو خود جا کے اُس کے پاس
کچھ بے سبب تو ہم نے کنارا نہیں کیا
کہتے رہے ہو تم اُسے ہمدرد و غم گُسار
اور اُس نے بات کرنا گوارا نہیں کیا
گر تھیں نگاہ میں مِری کوتاہیاں تو ٹھیک
اغیار نے تو کوئی اشارہ نہیں کیا
حیراں ہوں لوگ کہتے ہیں کیوں اُس کو چارہ گر
جس نے کسی مریض کو اچھا نہیں کیا
دن رات ہم کو قرض چکانے کی فکر ہے
گو اُس نے واپسی کا تقاضا نہیں کیا
ہوتے جو آج اُن کی نگاہوں میں سرفراز
ہم نے تو کوئی کام بھی ایسا نہیں کیا
باصر کاظمی

اب تِرے جی میں جو آئے سو کر

ہم الگ بیٹھ رہے چُپ ہو کر
اب تِرے جی میں جو آئے سو کر
اب تجھے کھو کے خیال آتا ہے
تجھ کو پایا تھا بہت کچھ کھو کر
کیا بُرا ہے مجھے اچھا ہونا
کوئی تدبیر اگر ہے تو کر
تم نے کیا کر لیا رہ کر بیدار
ہم نے تو عمر گنوا دی سو کر
آج تک تم نہیں سنبھلے باصرِؔ
کھائی تھی کِس کی گلی میں ٹھوکر
باصر کاظمی

واقف نہیں ہیں شاید اپنے بُرے بھلے سے

جو لوگ اُس گلی میں پھرتے ہیں منچلے سے
واقف نہیں ہیں شاید اپنے بُرے بھلے سے
شکوہ کیا نہ ہم نے پوچھا نہ حال تم نے
ڈرتے رہے ہیں شاید ہم ایک دوسرے سے
وہ بات ہی نہیں جب تو بات کیا کریں گے
رُک بھی گیا اگر وہ باصرِؔ ترے کہے سے
باصر کاظمی

کہیں ہُما نہ گزر جائے میرے سَر پَر سے

کچھ اِس لیے بھی نِکلتا نہیں ہوں میں گھر سے
کہیں ہُما نہ گزر جائے میرے سَر پَر سے
وہ جس کے پاؤں تلے پائمال تھے کہسار
گِرا تو حیف اُلجھ کر ذرا سے پتھر سے
گَلے کا ہار ہیں جو آج کل رسن ہوں گے
ہمارے زخم ہی اچھے زر و جواہر سے
یہ اور بات کہ ظلمت کدے میں سب کچھ ہے
میں بے نیاز نہیں مہر و ماہ و اختر سے
کرم چلا تو ہے باصِرؔ کی اشک شوئی کو
خبر نہیں ہے کہ پانی گزر چکا سَر سے
باصر کاظمی

اور لمبی خیال کی گھڑیاں

مختصر ہیں وصال کی گھڑیاں
اور لمبی خیال کی گھڑیاں
آپ تھے ہم تھے اور تنہائی
وہ بھی تھیں کیا کمال کی گھڑیاں
آگ بھڑکا گئیں مرے دل کی
موسمِ برشگال کی گھڑیاں
چڑھتے سورج تُو اب تو آنکھیں کھول
سر پہ آئیں زوال کی گھڑیاں
ہر نیا سال ہم سے کہتا ہے
خوب تھیں پچھلے سال کی گھڑیاں
باصر کاظمی

جینے کا اپنے پاس بہانہ یہی تو ہے

کیا زندگی ہے اپنی مگر زندگی تو ہے
جینے کا اپنے پاس بہانہ یہی تو ہے
ہم بھی سکوں سے سوئیں گے آئے گی وہ بھی رات
بھر جائے گا کبھی نہ کبھی زخم ہی تو ہے
ہے جس کا انتظار وہ ممکن ہے آ ہی جائے
تھوڑی سی دیر کے لیے بارش رُکی تو ہے
باصرِؔ کہاں سے لائیں اب اُس کو ترے لیے
یہ بات ہی بہت ہے کہ محفل جمی تو ہے
باصر کاظمی

اظہارِ حال کرنے کا دل نے جگر کیا

کیا تیری ایک نیم نگہ نے نڈر کیا
اظہارِ حال کرنے کا دل نے جگر کیا
اب بھی اگرچہ روز نکلتا ہے آفتاب
دن تھا وہی جو ساتھ تمہارے بسر کیا
تُو نے تو خیر ہم کو بلانا تھا کیا مگر
ہم نے بھی دیکھ کر ترے تیور حذر کیا
تھے تیرے پاس قطعِ تعلق کے سو جواز
ہم نے بھی ترکِ عشق کسی بات پر کیا
اب کے چلی ہوائے حقیقت کچھ ایسی تیز
نخلِ گمان آن میں بے برگ و بر کیا
تُو نے بھی جاں کھپائی ہے باصرِؔ ہمارے ساتھ
جا اپنے ساتھ ہم نے تجھے بھی امر کیا
باصر کاظمی

یہ انجمن ہے راز کی باتیں یہاں نہیں

اے جذبِ دل سمجھ مرے منہ میں زباں نہیں
یہ انجمن ہے راز کی باتیں یہاں نہیں
بلبل کے بعد پوچھتی پھرتی ہے یہ صبا
اتنے بڑے چمن میں کوئی خوش بیاں نہیں
ہر لمحہ دل سے آتی ہے امید کی صدا
دنیا میں کوئی بات بعید از گماں نہیں
ساری صدائیں میری صدا کی ہیں بازگشت
اہلِ چمن میں کون مرا ہم زباں نہیں
شکوے کا کیا جواز ہے باصرِؔ تمہارے پاس
وہ مہرباں ہی کب تھے جو اب مہرباں نہیں
باصر کاظمی

دل کے بجھتے ہی یہ کیا ہو گیا بینائی کو

کچھ دکھائی نہیں دیتا ترے سودائی کو
دل کے بجھتے ہی یہ کیا ہو گیا بینائی کو
ہاں مری پرسشِ احوال کو آئیں کیونکر
جانتے ہیں وہ مرے زخم کی گہرائی کو
اب نہ وہ سایہ نہ وہ دھوپ نہ پہلی سی چمک
کھا گئی کس کی نظر باغ کی رعنائی کو
کیا کریں ذکر مریضوں کی شفایابی کا
خود مسیحا بھی ترستے ہیں مسیحائی کو
باصر کاظمی

ورنہ ہونی تھی کہاں مجھ سے یہ خارا شکنی

شعر کہلاتی ہے مجھ سے تِری شیریں سخنی
ورنہ ہونی تھی کہاں مجھ سے یہ خارا شکنی
تُو نے جس طرح بھی دیکھا مجھے یہ کیا کم ہے
میری تصویر تری آنکھ کے پردے پہ بنی
خوش ہوئے ایک ادا پر تو کیا دِل اِنعام
ہم تہی دست حقیقت میں ہیں کِس درجہ غنی
دھیان رہتا ہے سدا غم کدہء خلوت کا
راس کِس طرح سے آئے ہمیں خوش انجمنی
لاکھ آسائشیں پردیس مہیّا کر دے
ہے غریب الوطنی پھر بھی غریب الوطنی
باصر کاظمی

دانستہ کھڑا تھا میں ذرا سا پرے ہٹ کر

ڈرتا تھا نہ رہ جاؤں کہیں تجھ سے لپٹ کر
دانستہ کھڑا تھا میں ذرا سا پرے ہٹ کر
ہم ہی اُسے آواز نہ دے پائے وگرنہ
اُس نے تو بڑے پیار سے دیکھا تھا پلٹ کر
اب ڈھونڈنا دشوار ہے اُن کو سرِ محفل
بیٹھے تو وہ ہوں گے کسی گوشے میں سمٹ کر
باصرؔ دلِ ضدی کو تو سمجھانا ہے آخر
نرمی سے نہ مانے تو ذرا ڈانٹ ڈپٹ کر
باصر کاظمی

خوب معلوم ہیں یہ ساری خرافات اُسے

کیا سناؤں میں بھلا دل کی حکایات اُسے
خوب معلوم ہیں یہ ساری خرافات اُسے
آج تک ایک ہی بات اُس سے ہوئی ہے اپنی
وہ بھی یہ بات کہ منظور نہیں بات اُسے
کیا جو دن رات برستی رہیں آنکھیں اپنی
اک تماشے سے زیادہ نہیں برسات اُسے
واعظو جس پہ گزرتی ہو قیامت ہر روز
کیا ڈرائے گا بھلا روزِ مکافات اُسے
زندگی بھر تو رہا خوگرِ آتش باصرِؔ
کیسے خوش آئیں گے فردوس کے باغات اُسے
باصر کاظمی

چاند سی شکل تری مُوجبِ طغیانی ہے

بحرِ دل میں یہ جو کیفیتِ ہیجانی ہے
چاند سی شکل تری مُوجبِ طغیانی ہے
یہ شب و روز تو ہر روز بدلتے ہیں رنگ
اور کچھ بات ہے جو باعثِ حیرانی ہے
اب تو تجھ پر بھی کسی اور کا ہوتا ہے گماں
کس قدر دیر میں صورت تِری پہچانی ہے
در و دیوار سے قائم تھا بھرم غربت کا
آج بے پردہ مری بے سروسامانی ہے
بے خودی پر ہی کھُلا کرتے ہیں اسرارِ جہاں
ہوش کہتے ہو جسے تم وہی نادانی ہے
میں جو مغموم ہُوا دل یہ پکارا باصرِؔ
میرے ہوتے تجھے کاہے کی پریشانی ہے
باصر کاظمی

رہا نہ دل ہی سلامت تو کیوں رہیں آنکھیں

بلا سے گر شبِ ہجراں میں جل بجھیں آنکھیں
رہا نہ دل ہی سلامت تو کیوں رہیں آنکھیں
یہ ربطِ تارِ نگہ تو بہت ہی بودا ہے
نجانے ہم سے وہ کس وقت پھیر لیں آنکھیں
بجا کہ نظریں ہی ٹھہری ہیں اب زباں لیکن
وہ سامنے ہی نہ آئیں تو کیا کریں آنکھیں
اُتر گئی ہیں رگ وپے میں یوں تِری نظریں
کوئی بھی نقش بنانے لگوں بنیں آنکھیں
لگی ہے آنکھ ہماری ترے تصور میں
تری ہی شکل مقابل ہو جب کھلیں آنکھیں
یہ معجزہ بھی دکھاتی ہے جستجو اکثر
کہ کان دیکھنے لگ جائیں اور سنیں آنکھیں
تمام عمر بھی گر ڈھونڈتے پھرو باصرِؔ
کہاں ملیں گی جو ہیں اپنے دھیان میں آنکھیں
باصر کاظمی

دوسروں کو مِل گیا جو تھا مری تقدیر میں

مجھ سے غفلت ہو گئی شاید کہیں تدبیر میں
دوسروں کو مِل گیا جو تھا مری تقدیر میں
رشک سے آنکھوں نے بھی حلقے بنائے اپنے گرد
جب سے دل رہنے لگا ہے خانۂ زنجیر میں
کس قدر باتیں ہوا پر خرچ ہوتی ہیں مگر
بات رہتی ہے وہی آ جائے جو تحریر میں
جانبِ دشتِ فنا کچھتے چلے جاتے ہیں لوگ
وقت نے باندھا ہے سب کو ایک ہی زنجیر میں
میں رعایت کا نہیں طالب مگر اے زندگی
کوئی نسبت چاہیے تقصیر اور تعزیر میں
دل کو اُکسایا ہے جب سے خواہشِ تعمیر نے
جل رہا ہوں آتشِ اندیشۂ تعمیر میں
آیتیں تو ٹھیک ہی پڑھنی تھیں واعظ نے مگر
مدعا اپنا بھی شامل کر دیا تفسیر میں
من کو ایسی بھا گئی ہے اک تصور کی چمک
آنکھ کا جی ہی نہیں لگتا کسی تصویر میں
ہم کو بیداری نے باصرِؔ یہ سزا دی نیند کی
خواب میں پایا تھا جو کچھ کھو دیا تعبیر میں
باصر کاظمی

اب ہے وہی اپنا معمول

تھا جو کبھی اک شوقِ فضول
اب ہے وہی اپنا معمول
کیسی یاد رہی تجھ کو
میری اک چھوٹی سی بھول
غم برگد کا گھنا درخت
خوشیاں ننھے ننھے پھول
اب دل کو سمجھائے کون
بات اگرچہ ہے معقول
آنسو خشک ہوئے جب سے
آنگن میں اُڑتی ہے دھول
تم ہی بدل جاؤ باصرِؔ
کیوں بدلیں دنیا کے اصول
باصر کاظمی

ستانے آ گئے موسم سہانے

پھر اُس کا ذکر چھیڑا ہے صبا نے
ستانے آ گئے موسم سہانے
تصور میں پھر اُس کی شکل چمکی
جسے دیکھے ہوئے گزرے زمانے
ذرا دیکھو تو کیا حالات بدلے
نئے لگنے لگے قصے پرانے
ہماری آنکھ کے تارے تھے جو لوگ
وہی آ کر آنکھیں لگے دکھانے
میں اکثر سوچتا رہتا ہوں باصرؔ
یہ کیا دنیا بنائی ہے خدا نے
باصر کاظمی

اور بھلا کیا چاہوں میں

تجھ کو دیکھ رہا ہوں میں
اور بھلا کیا چا ہوں میں
دنیا کی منزل ہے وہ
جس کو چھوڑ چکا ہوں میں
تُو جب سامنے ہوتا ہے
اور کہیں ہوتا ہوں میں
اور کسی کو کیا پاؤں
خود کھویا رہتا ہوں میں
ختم ہوئیں ساری باتیں
اچھا اب چلتا ہوں میں
باصر کاظمی

رہتی ہے مری بات بہت عرصہ دہن میں

مِلتا ہے عجب لطف مجھے ضبطِ سخن میں
رہتی ہے مری بات بہت عرصہ دہن میں
اُبھرے وہ کہاں جھیل سی آنکھوں میں جو ڈوبے
نکلے نہ کبھی گِر گئے جو چاہِ ذقن میں
لے جانے لگی پستی کی جانب ہمیں اب زیست
ہونے لگی محسوس کشش دار و رسن میں
کیا جانیے کس لمحے چلا جائے تہِ خاک
انسان تو جیتا بھی ہے گویا کہ کفن میں
نامے کی ضرورت ہے نہ محتاجیِ قاصد
تُو یاد تو کر آؤں گا میں چشم زدن میں
اب موسمِ گُل آپ نمٹ لے گا خزاں سے
ہم چین سے بیٹھیں گے کسی کُنجِ چمن میں
تم قدر تو کرتے نہیں اربابِ ہُنر کی
کیوں جان کھپائے بھلا کوئی کسی فن میں
اورں کی زمیں راس نہیں آئے گی باصرؔ
آرام ملے گا تمہیں اپنے ہی وطن میں
باصر کاظمی

موت کی جیب سے بھی زیست کا ساماں نکلا

موجب رنگِ چمن خونِ شہیداں نکلا
موت کی جیب سے بھی زیست کا ساماں نکلا
ٹھوکریں کھائی ہیں اتنی کہ اب اپنے دل سے
شوقِ آوارگیِ دشت و بیاباں نکلا
ہم بہت خوش تھے کہ جاگ اٹھی ہے اپنی قسمت
آنے والا کسی ہمسائے کا مہماں نکلا
ہے عجب بات کہ جس رستے پہ ہم چل نکلے
گھوم پھر کر وہ سرِ کوچہء جاناں نکلا
بے حسی نے جو کبھی فرصتِ غم دی ہم کو
ایک سیلاب نہفتہ تہِ مژگاں نکلا
چارہ گر خطرۂ جاں کہتے تھے جس کو باصرِؔ
وہی غم باعثِ آرامِ رگِ جاں نکلا
باصر کاظمی

ہاتھ سے چاہے زندگی جائے

بات جو دل میں ہے کہی جائے
ہاتھ سے چاہے زندگی جائے
دل سے جانا تری محبت کا
جیسے آنکھوں سے روشنی جائے
شوق کہتا ہے مجھ کو پر لگ جائیں
اور طبیعت کہ بس گری جائے
خامشی بے سبب نہیں اپنی
ہے کوئی جس سے بات کی جائے
اس قدر بھی قریب مت آؤ
کہ جدائی نہ پھر سہی جائے
باصر کاظمی

لوگ مٹی میں رُلے جاتے ہیں کیا ہیرا سے

خوف آنے لگا یارب ہمیں اِس دنیا سے
لوگ مٹی میں رُلے جاتے ہیں کیا ہیرا سے
یا تو اک لمحے میں ہو جائے طبیعت بیزار
اور لگ جائے تو بھرتا نہیں جی دنیا سے
اُس کو ماضی میں بھی آرام کی صُورت نہ ملی
جس نے منہ پھیر لیا آئینہء فردا سے
تم بہت دیر سے بیکار ہو اے قلب و جگر
آؤ ملواؤں تمہیں ایک غمِ تازہ سے
اب جو چھایا ہے تو پھر کھُل کے برس ابرِ خیال
کھیت اشعار کے مدت سے پڑے ہیں پیاسے
چین سے بیٹھے ہو اک گوشہء تنہائی میں
اور کیا چاہیے باصرِؔ تمہیں اس دنیا سے
باصر کاظمی

جبھی تو تیرے نہ ملنے کا کچھ ملال نہ تھا

میں جانتا ہوں کہ ملنا ترا محال نہ تھا
جبھی تو تیرے نہ ملنے کا کچھ ملال نہ تھا
مجھے تو صرف ترا پیار کھینچ لایا ہے
یہاں رقیب بھی ہوں گے مجھے خیال نہ تھا
خود اپنے آپ سے میں نے شکست کھائی تھی
مری شکست میں تیرا کوئی کمال نہ تھا
خراب حال بہر حال کوئی حال تو ہے
وہ دن بھی یاد ہیں جب اپنا کوئی حال نہ تھا
اُسی کے ہو گئے جس راستے پہ چل نکلے
سدا سے اپنی طبیعت میں اعتدال نہ تھا
گِلہ فضول ہے مُرجھا گیا جو نخلِ عشق
جو اِس زمین میں اُگتا یہ وہ نہال نہ تھا
باصر کاظمی

چاہے گرمِ سفر رہیں دن بھر

اب کہاں جستجو وہ پہلی سی
چاہے گرمِ سفر رہیں دن بھر
صبح کا انتظار تھا جن کو
اب کڑی دھوپ میں جلیں دن بھر
غمِ دنیا اگر نہ ہو باصرِؔ
کیوں بھٹکتے پھِرا کریں دن بھر
باصر کاظمی

چاند خود محوِ چاندنی ہے آج

یوں فضا آئنہ بنی ہے آج
چاند خود محوِ چاندنی ہے آج
جس سے ملنے کو میں ترستا تھا
اُس نے خود مجھ سے بات کی ہے آج
کتنی مدت کے بعد لوگوں نے
کوئی سچی خبر سنی ہے آج
ایک بھی آشیاں نہیں محفوظ
آگ کچھ اِس طرح لگی ہے آج
آنکھ دھندلا گئی تو غم کیسا
دلِ پرشوق تو وہی ہے آج
صاف ظاہر ہے تیری صورت سے
تیری نیت بدل گئی ہے آج
باصر کاظمی

بکھر کر رہ گئیں لہریں ہوا کی

عجب صورت بنی میری صدا کی
بکھر کر رہ گئیں لہریں ہوا کی
ہمارے جرم آپ اپنی سزا ہیں
اضافی ہے سزا روزِ جزا کی
کوئی پیماں نہیں باندھا تھا لیکن
تِری باتوں میں خوشبو تھی وفا کی
عجب سی اک تڑپ تھی میرے دل میں
تری آنکھوں میں شوخی تھی حیا کی
شناساؤں سے جی گھبرا گیا ہے
ضرورت ہے کسی نا آشنا کی
نہیں ملتے اگر وہ تم سے باصرِؔ
کچھ اُن کی اور کچھ مرضی خدا کی
باصر کاظمی

تو اپنا غم کچھ کم کر لے

ہم کو بھی شریکِ غم کر لے
تو اپنا غم کچھ کم کر لے
چاہت کا چراغ نہیں چھپتا
جتنا چاہے مدھم کر لے
شاید کوئی راہ نکل آئے
آ کچھ باتیں باہم کر لے
تُو کون ہے جو تیرے آگے
دنیا اپنا سر خم کر لے
یوں کب تک سوچے گا باصرِؔ
جو کرنا ہے یک دم کر لے
باصر کاظمی

ایک اک لمحے کی خبر رکھو

وقت کی راہ پر نظر رکھو
ایک اک لمحے کی خبر رکھو
یہ کہیں اور کام آئیں گے
آنسوؤں کو سنبھال کر رکھو
آج تو وہ ضرور آئے گا
یہ پیالے ابھی سے بھر رکھو
ہم بھی آہوں کو روک لیں اپنی
تم بھی دل میں کسی کا ڈر رکھو
ساتھ ہم بھی چلیں اگر باصرِؔ
چاندنی رات میں سفر رکھو
باصر کاظمی

لب ابھی آشنائے نالہ نہیں

یہ نہیں ہے کہ دل شکستہ نہیں
لب ابھی آشنائے نالہ نہیں
مجھ سے ہر بات کی توقع رکھ
آدمی ہوں کوئی فرشتہ نہیں
کھائے ہیں اِس قدر فریب کہ اب
اعتبارِ حواسِ خمسہ نہیں
یہ بھی اب کے بھری بہار میں دیکھ
باغ میں کوئی گُل شگفتہ نہیں
داغِ ماضی چراغِ فردا ہے
یادگارِ چراغِ کشتہ نہیں
کس طرح مان لوں کہ دل کی گھٹن
کسی طوفاں کا پیش خیمہ نہیں
دائمی روگ ہے جسے لگ جائے
عشق دو چار دن کا قصہ نہیں
اپنے دل میں پناہ لے باصرِؔ
اِس سے محفوظ کوئی قلعہ نہیں
باصر کاظمی

اگر ستارہ نہیں کوئی اشک پارا دے

ترس گئی مری بینائی کچھ اجالا دے
اگر ستارہ نہیں کوئی اشک پارا دے
شبِ سیاہ مجھے انتظارِ صبح نہیں
جو ہو سکے تو مرا چاند مجھ کو لوٹا دے
جو درد حاصلِ ہستی تھا وہ تو چھین لیا
اب اُس کے بدلے میں تو چاہے ساری دنیا دے
بلا رہا ہے وہ خوابوں کے چاند سے مجھ کو
ردائے تیرگی ہٹ سامنے سے رستا دے
کیا ہے تلخی دوراں نے اِس قدر بے حس
کوئی خبر نہیں ایسی جو مجھ کو چونکا دے
باصر کاظمی

وہ درد پھر سے جگا کر گزر گیا کوئی

جو سو چکا تھا نئے موسموں کی چھاؤں میں
وہ درد پھر سے جگا کر گزر گیا کوئی
خیالِ حُسن بھی گویا کہ نشہء مے تھا
ذرا سی دیر میں دل سے اتر گیا کوئی
تجھے یہ فخر کہ تُو راز ہی رہا لیکن
مجھے یہ رنج کہ کیوں بے خبر گیا کوئی
رہِ حیات میں کتنے سکون سے باصرِؔ
پکار موت کی سن کر ٹھہر گیا کوئی
باصر کاظمی