سخن سرا کا نیا سفر
پیارے احباب!
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، اب سخن سرا ایک نئے گھر میں جانے والا ہے، یہاں کا تمام مواد اب ایک نئی سائٹ غزل سرا ڈاٹ آرگ پر ملے گا۔
سخن سرا میں، جو کہ ورڈ پریس پر ہوسٹڈ ہے اتنی جان نہیں تھی کہ اس میں بھرپور فیچرز کے ساتھ کوئی سائٹ بنائی جا سکتی اور اردو ادب کی ہزاروں ویب سائٹس کی طرح یہ بھی الگ الگ پیجز پر بنی ہوئی ایک سائٹ سے زیادہ کچھ نہیں تھی۔ اس لیے ملیے غزل سرا ڈاٹ آرگ کی ویب سائٹ سے جس میں اردو ادب کو ایسے طریقے سے پیش کیا گیا ہے جیسا کسی بھی اور سائٹ میں آج تک نہیں ہوا ۔ چند فیچرز کا تعارف کرواتا ہوں
- کلاسیکی شعرا کا مکمل کلام
- ہر غزل میں قافیے الگ الگ لنکس کے ساتھ موجود ہیں، اگر آپ غزل کسی بھی شعر کے قافیے پر کلک کریں گے تو ایک نئے پیج پر وہ تمام اشعار آ جائیں گے جو اس سائٹ پر موجود کسی بھی دوسرے شاعر کے کلام میں اس قافیہ کے ساتھ موجود ہیں۔ مثال کے طور پر آرزو کے قافیے والے اشعار یہاں کلک کر کے دیکھیں
- ہر غزل کے ساتھ اس کی بحر بھی لکھی ہوئی ہے، اگر اسی بحر میں اس شاعر نے مزید غزلیں بھی کہی ہوئی ہیں تو غزل کے نیچے موجود لنک کو کلک کرنے سے وہ سب بھی سامنے آ جائیں گی۔ مثال کے طور پر داغ دہلوی کی رمل مسدس محذوف کی بحر میں یہ غزلیں دیکھیں
- اگر اس غزل کی زمین میں مزید غزلیں موجود ہیں، جو چاہے کسی بھی شاعر کی ہوں، تو ان کے لیے بھی ایک لنک موجود ہے۔ مثال کے طور پر یہ کلک کر کے دیکھیں۔
- کسی بھی شعر ، قافیہ، ردیف، نظم نعت یا افسانے کو تلاش کرنے کے لیے ایک الگ پیج موجود ہے جہاں جا کر آپ اپنے مطلب کا کچھ بھی ڈھونڈ سکتے ہیں۔
- اور بھی اس طرح کے کئی فیچر موجود ہیں لیکن سب سے بڑی بات اس سائٹ پر وہ کتب ہیں جو غزل سرا ڈاٹ آرگ کی تنظیم چپکے چپکے چھاپ کر پوری دنیا میں ہر ،مارکیٹ میں پھیلا رہی ہے۔۔ یہاں کلک کر کے دیکھیں۔
سخن سرا کی طرح غزل سرا میں بھی مستند کلام موجود ہے اور دوسری سائٹس کی طرح جو ملا وہی گھسیڑ دیا والا کام نہیں کیا گیا۔ کوشش ہے کہ یہاں جو کچھ ہے اس تمام کو نئی سائٹ پر منتقل کیا جائے لیکن ظاہر ہے یہ جان جوکھوں کا کام ہے اور صبح آٹھ سے شام چھ بجے کی جاب کے ساتھ ساتھ اتنا کچھ کرنا میرے بس میں کہاں، بس جو وقت ہفتے کی دو چھٹیوں یا راتوں میں ملتا ہے وہ صرف کر دیتا ہوں۔ اس کے علاوہ سخن سرا پر تو ہوسٹنگ کا خرچ اتنا زیادہ نہیں تھا لیکن غزل سرا کی کسٹم سائٹ پر کافی پیسہ خرچ ہو رہا ہے، ساتھ ساتھ اردو کلاسیک ادب کی کتابیں چھاپنے میں جو پیسہ خرچ ہو رہا ہے اس کا تو حساب ہی مت پوچھیں۔
سو آئیں اور نئی سائٹ دیکھیں۔
احقر
یاور ماجد