فراز تجھ کو نہ آئیں محبتیں کرنی

احمد فراز ۔ غزل نمبر 91
یہ کیا کہ سب سے بیاں دل کی حالتیں کرنی
فراز تجھ کو نہ آئیں محبتیں کرنی
یہ قرب کیا ہے کہ تو سامنے ہے اور ہمیں
شمار ابھی سے جدائی کی ساعتیں کرنی
کوئی خدا ہو کے پتھر جسے بھی ہم چاہیں
تمام عمر اسی کی عبادتیں کرنی
سب اپنے اپنے قرینے سے منتظر اس کے
کسی کو شکر کسی کو شکایتیں کرنی
ہم اپنے دل سے ہیں مجبور اور لوگوں کو
ذرا سی بات پہ برپا قیامتیں کرنی
ملیں جب ان سے تو مبہم سی گفتگو کرنا
پھر اپنے آپ سے سو سو وضاحتیں کرنی
یہ لوگ کیسے مگر دشمنی نباہتے ہیں
ہمیں تو راس نہ آئیں محبتیں کرنی
کبھی فراز نئے موسموں میں رو دینا
کبھی تلاش پرانی رقابتیں کرنی
احمد فراز

لوگ مر جائیں بلا سے تیری

احمد فراز ۔ غزل نمبر 90
تیرے چرچے ہیں جفا سے تیری
لوگ مر جائیں بلا سے تیری
کوئی نسبت کبھی اے جان سخن
کسی محروم نوا سے تیری
اے مرے ابر گریزاں کب تک
راہ تکتے ہی رہیں پیاسے تیری
تیرے مقتل بھی ہمیں سے آباد
ہم بھی زندہ ہیں دعا سے تیری
تو بھی نادم ہے زمانے سے فراز
وہ بھی نا خوش ہیں وفا سے تیری
احمد فراز

اسے خبر ہی نہ تھی، خاک کیمیا تھی مری

احمد فراز ۔ غزل نمبر 89
میں مر مٹا تو وہ سمجھا یہ انتہا تھی مری
اسے خبر ہی نہ تھی، خاک کیمیا تھی مری
میں چپ ہوا تو وہ سمجھا کہ بات ختم ہوئی
پھر اس کے بعد تو آواز جا بجا تھی مری
جو طعنہ زن تھا مری پوششِ دریدہ پر
اسی کے دوش پہ رکھی ہوئی قبا تھی مری
میں اس کو یاد کروں بھی تو یاد آتا نہیں
میں اس کو بھول گیا ہوں، یہی سزا تھی مری
شکست دے گیا اپنا غرور ہی اس کو
وگرنہ اس کے مقابل بساط کیا تھی مری
کہیں دماغ کہیں دل کہیں بدن ہی بدن
ہر اک سے دوستی یاری جدا جدا تھی مری
کوئی بھی کوئے محبت سے پھر نہیں گزرا
تو شہرِ عشق میں کیا آخری صدا تھی مری؟
جو اب گھمنڈ سے سر کو اٹھائے پھرتا ہے
اسی طرح کی تو مخلوق خاکِ پا تھی مری
ہر ایک شعر نہ تھا در خورِ قصیدۂ دوست
اور اس سے طبعِ رواں خوب آشنا تھی مری
میں اس کو دیکھتا رہتا تھا حیرتوں سے فراز
یہ زندگی سے تعارف کی ابتدا تھی مری
احمد فراز

بِکنے کو ایک بھِیڑ ہے باہر لگی ہوئی

احمد فراز ۔ غزل نمبر 88
قیمت ہے ہر کِسی کی دُکاں پر لگی ہوئی
بِکنے کو ایک بھِیڑ ہے باہر لگی ہوئی
غافل نہ جان اُسے کہ تغافل کے باوجود
اُس کی نظر ہے سب پہ برابر لگی ہوئی
خوش ہو نہ سر نوِشتۂ مقتل کو دیکھ کر
فہرست ایک اور ہے اندر لگی ہوئی
کس کا گماشتہ ہے امیرِ سپاہِ شہر
کن معرکوں میں ہے صفِ لشکر لگی ہوئی
برباد کر کے بصرہ و بغداد کا جمال
اب چشمِ بد ہے جانبِ خیبر لگی ہوئی
غیروں سے کیا گِلا ہو کہ اپنوں کے ہاتھ سے
ہے دوسروں کی آگ مرے گھر لگی ہوئی
لازم ہے مرغِ بادنما بھی اذان دے
کلغی تو آپ کے بھی ہے سر پر لگی ہوئی
میرے ہی قتل نامے پہ میرے ہی دستخط
میری ہی مُہر ہے سرِ محضر لگی ہوئی
کس کے لبوں پہ نعرۂ منصور تھا فراز
ہے چار سُو صدائے مکرّر لگی ہوئی
احمد فراز

کیا ماتمِ گل تھا کہ صبا تک نہیں آئی

احمد فراز ۔ غزل نمبر 87
کل نالۂ قمری کی صدا تک نہیں آئی
کیا ماتمِ گل تھا کہ صبا تک نہیں آئی
آدابِ خرابات کا کیا ذکر یہاں تو
رندوں کو بہکنے کی ادا تک نہیں آئی
تجھ ایسے مسیحا سے تغافل کا گلہ کیا
ہم جیسوں کی پرسش کو قضا تک نہیں آئی
جلتے رہے بے صرفہ چراغوں کی طرح ہم
تو کیا، ترے کوچے کی ہوا تک نہیں آئی
کس جادہ سے گزرا ہے مگر قافلۂ عمر
آوازِ سگاں، بانگِ درا تک نہیں آئی
اس در پہ یہ عالم ہوا دل کا کہ لبوں پر
کیا حرفِ تمنا کہ دعا تک نہیں آئی
دعوائے وفا پر بھی طلب دادِ وفا کی
اے کشتۂ غم تجھ کو حیا تک نہیں آئی
جو کچھ ہو فراز اپنے تئیں، یار کے آگے
اس سے تو کوئی بات بنا تک نہیں آئی
احمد فراز

پھر بھی اپنے عہد پر قائم ہیں ہم اپنی جگہ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 86
تیرا غم اپنی جگہ دنیا کے غم اپنی جگہ
پھر بھی اپنے عہد پر قائم ہیں ہم اپنی جگہ
کیا کریں یہ دل کسی کی ناصحا سنتا نہیں
آپ نے جو کچھ کہا اے محترم، اپنی جگہ
ہم موحد ہیں بتوں کے پوجنے والے نہیں
پر خدا لگتی کہیں تو وہ صنم اپنی جگہ
یارِ بے پروا! کبھی ہم نے کوئی شکوہ کیا
ہاں مگر ان ناسپاس آنکھوں کا نم اپنی جگہ
محفلِ جاناں ہو، مقتل ہو کہ مے خانہ فراز
جس جگہ جائیں بنا لیتے ہیں ہم اپنی جگہ
احمد فراز

سو دوسروں کے لئے تجربے مثال کے رکھ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 85
فقط ہنر ہی نہیں عیب بھی کمال کے رکھ
سو دوسروں کے لئے تجربے مثال کے رکھ
نہیں ہے تاب تو پھر عاشقی کی راہ نہ چل
یہ کارزار جنوں ہے جگر نکال کے رکھ
سبھی کے ہاتھ دلوں پر نگاہ تجھ پر ہے
قدح بدست ہے ساقی قدم سنبھال کے رکھ
فراز بھول بھی جا سانحے محبت کے
ہتھیلیوں پہ نہ اِن آبلوں کو پال کے رکھ
احمد فراز

ہر ایک سنگِ سرِ راہ کو خدا نہ سمجھ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 84
صنم تراش پر آدابِ کافرانہ سمجھ
ہر ایک سنگِ سرِ راہ کو خدا نہ سمجھ
میں تجھ کو مانگ رہا ہوں قبول کر کہ نہ کر
یہ بات تیری مری ہے اسے دعا نہ سمجھ
پلٹ کے آئے گا وہ بھی گئی رتوں کی طرح
جو تجھ سے روٹھ گیا ہے اسے جدا نہ سمجھ
رہِ وفا میں کوئی آخری مقام نہیں
شکستِ دل کو محبت کی انتہا نہ سمجھ
ہر ایک صاحبِ منزل کو با مراد نہ جان
ہر ایک راہ نشیں کو شکستہ پا نہ سمجھ
فراز آج کی دنیا مرے وجود میں ہے
مرے سخن کو فقط میرا تذکرہ نہ سمجھ
احمد فراز

اب تو ہم بات بھی کرتے ہیں غم خوار کے ساتھ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 83
وحشتیں بڑھتی گئیں ہجر کے آزار کے ساتھ
اب تو ہم بات بھی کرتے ہیں غم خوار کے ساتھ
ہم نے اک عمر بسر کی ہے غم یار کے ساتھ
میر دو دن نہ جئے ہجر کے آزار کے ساتھ
اب تو ہم گھر سے نکلتے ہیں تو رکھ دیتے ہیں
طاق پر عزتِ سادات بھی دستار کے ساتھ
اس قدر خوف ہے اب شہر کی گلیوں میں کہ لوگ
چاپ سُنتے ہیں تو لگ جاتے ہیں دیوار کے ساتھ
ایک تو خواب لیے پھرتے ہو گلیوں گلیوں
اس پہ تکرار بھی کرتے ہو خریدار کے ساتھ
شہر کا شہر ہی ناصح ہو تو کیا کیجیے گا
ورنہ ہم رند تو بھڑ جاتے ہیں دو چار کے ساتھ
ہم کو اس شہر میں تعمیر کا سودا ہے جہاں
لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کے ساتھ
جو شرف ہم کو ملا کوچۂ جاناں سے فراز
سوئے مقتل بھی گئے ہیں اسی پندار کے ساتھ
احمد فراز

دل بھی مانا نہیں کہ تجھ سے کہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 82
دکھ فسانہ نہیں ‌کہ تجھ سے کہیں
دل بھی مانا نہیں کہ تجھ سے کہیں
آج تک اپنی بے کلی کا سبب
خود بھی جانا نہیں‌ کہ تجھ سے کہیں
بے طرح حال دل ہے اور تجھ سے
دوستانہ نہیں‌ کہ تجھ سے کہیں
ایک تو حرف آشنا تھا مگر
اب زمانہ نہیں کہ تجھ سے کہیں
قاصدا! ہم فقیر لوگوں کا
اک ٹھکانہ نہیں‌ کہ تجھ سے کہیں
اے خدا درد دل ہے بخشش دوست
آب و دانہ نہیں‌ کہ تجھ سے کہیں
اب تو اپنا بھی اس گلی میں‌فراز
آنا جانا نہیں‌ کہ تجھ سے کہیں
احمد فراز

مگر قرار سے دن کٹ رہے ہوں یوں بھی نہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 81
فراز اب کوئی سودا کوئی جنوں بھی نہیں
مگر قرار سے دن کٹ رہے ہوں یوں بھی نہیں
لب و دہن بھی ملا گفتگو کا فن بھی ملا
مگر جو دل پہ گزرتی ہے کہہ سکوں بھی نہیں
مری زبان کی لکنت سے بدگمان نہ ہو
جو تو کہے تو تجھے عمر بھر ملوں بھی نہیں
فراز جیسے دیا تربتِ ہوا چاہے
تو پاس آۓ تو ممکن ہے میں رہوں بھی نہیں
احمد فراز

کی عبادت بھی تو وہ، جس کی جزا کوئی نہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 80
ہاتھ اٹھائے ہیں مگر لب پہ دعا کوئی نہیں
کی عبادت بھی تو وہ، جس کی جزا کوئی نہیں
آ کہ اب تسلیم کر لیں تو نہیں تو میں سہی
کون مانے گا کہ ہم میں بے وفا کوئی نہیں
وقت نے وہ خاک اڑائی ہے کہ دل کے دشت سے
قافلے گزرے ہیں پھر بھی نقشِ پا کوئی نہیں
خود کو یوں‌ محصور کر بیٹھا ہوں اپنی ذات میں
منزلیں چاروں طرف ہیں راستہ کوئی نہیں
کیسے رستوں سے چلے اور یہ کہاں پہنچے فراز
یا ہجومِ دوستاں تھا ساتھ ۔ یا کوئی نہیں
احمد فراز

دوستی تو اداس کرتی نہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 79
کیوں طبیعت کہیں ٹھہرتی نہیں
دوستی تو اداس کرتی نہیں
ہم ہمیشہ کے سیر چشم سہی
تجھ کو دیکھیں تو آنکھ بھرتی نہیں
شبِ ہجراں بھی روزِ بد کی طرح
کٹ تو جاتی ہے پر گزرتی نہیں
شعر بھی آیتوں سے کیا کم ہیں
ہم پہ مانا وحی اترتی نہیں
اس کی رحمت کا کیا حساب کریں
بس ہمیں سے حساب کرتی نہیں
یہ محبت ہے، سن! زمانے سن!
اتنی آسانیوں سے مرتی نہیں
جس طرح تم گزارتے ہو فراز
زندگی اس طرح گزرتی نہیں
احمد فراز

جانے کیا دور ہے، کیا لوگ ہیں، کیا کہتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 78
زخم کو پھول تو صَرصَر کو صبا کہتے ہیں
جانے کیا دور ہے، کیا لوگ ہیں، کیا کہتے ہیں
کیا قیامت ہے کہ جن کے لئے رک رک کے چلے
اب وہی لوگ ہمیں آبلہ پا کہتے ہیں
کوئی بتلاؤ کہ اک عمر کا بِچھڑا محبوب
اتفاقا کہیں‌مل جائے تو کیا کہتے ہیں
یہ بھی اندازِ سخن ہے کہ جفا کو تیری
غمزہ و عشوہ و انداز و ادا کہتے ہیں
جب تلک دور ہے تو تیری پرستش کر لیں
ہم جسے چھو نہ سکیں اس کو خدا کہتے ہیں
کیا تعجب ہے کہ ہم اہل تمنا کو فراز
وہ جو محرومِ تمنا ہیں‌ برا کہتے ہیں
احمد فراز

کسے کسے ہے یہ آزار چل کے دیکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 77
چلو کہ کوچۂ دلدار چل کے دیکھتے ہیں
کسے کسے ہے یہ آزار چل کے دیکھتے ہیں
سنا ہے ایسا مسیحا کہیں سے آیا ہے
کہ اس کو شہر کے بیمار چل کے دیکھتے ہیں
ہم اپنے بت کو، زلیخا لیے ہے یوسف کو
ہے کون رونق بازار چل کے دیکھتے ہیں
سنا ہے دیر و حرم میں تو وہ نہیں‌ملتا
سو اب کے اس کو سرِ دار چل کے دیکھتے ہیں
اس ایک شخص کو دیکھو تو آنکھ بھرتی نہیں
اس ایک شخص کو ہر بار چل کے دیکھتے ہیں
وہ میرے گھر کا کرے قصد جب تو سائے سے
کئی قدم در و دیوار چل کے دیکھتے ہیں
فراز اسیر ہے اس کا کہ وہ فراز کا ہے
ہے کون کس کا گرفتار؟ چل کے دیکھتے ہیں
احمد فراز

فراز اب ذرا لہجہ بدل کے دیکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 76
ابھی کچھ اور کرشمے غزل کے دیکھتے ہیں
فراز اب ذرا لہجہ بدل کے دیکھتے ہیں
جدائیاں تو مقدر ہیں پھر بھی جان سفر
کچھ اور دور ذرا ساتھ چل کے دیکھتے ہیں
رہ وفا میں حریف خرام کوئی تو ہو
سو اپنے آپ سے آگے نکل کے دیکھتے ہیں
تو سامنے ہے تو پھر کیوں یقیں نہیں آتا
یہ بار بار جو آنکھوں کو مل کے دیکھتے ہیں
یہ کون لوگ ہیں موجود تیری محفل میں
جو لالچوں سے تجھے، مجھ کو جل کے دیکھتے ہیں
یہ قرب کیا ہے کہ یک جاں ہوئے نہ دور رہے
ہزار ایک ہی قالب میں ڈھل کے دیکھتے ہیں
نہ تجھ کو مات ہوئی ہے نہ مجھ کو مات ہوئی
سو اب کے دونوں ہی چالیں بدل کے دیکھتے ہیں
یہ کون ہے سر ساحل کے ڈوبنے والے
سمندروں کی تہوں سے اچھل کے دیکھتے ہیں
ابھی تلک تو نہ کندن ہوئے نہ راکھ ہوئے
ہم اپنی آگ میں ہر روز جل کے دیکھتے ہیں
بہت دنوں سے نہیں ہے کچھ اسکی خیر خبر
چلو فراز کوئے یار چل کے دیکھتے ہیں
احمد فراز

تو اس کے شہر میں‌ کچھ دن ٹھہر کے دیکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 75
سنا ہے لوگ اُسے آنکھ بھر کے دیکھتے ہیں
تو اس کے شہر میں‌ کچھ دن ٹھہر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے ربط ہے اس کو خراب حالوں سے
سو اپنے آپ کو برباد کر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے درد کی گاہک ہے چشمِ ناز اس کی
سو ہم بھی اس کی گلی سے گزر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے اس کو بھی ہے شعر و شاعری سے شغف
تو ہم بھی معجزے اپنے ہنر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے بولے تو باتوں سے پھول جھڑتے ہیں
یہ بات ہے تو چلو بات کر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے رات اسے چاند تکتا رہتا ہے
ستارے بام فلک سے اتر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے دن کو اسے تتلیاں ستاتی ہیں
سنا ہے رات کو جگنو ٹھہر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے حشر ہیں‌اس کی غزال سی آنکھیں
سنا ہے اس کو ہرن دشت بھر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے رات سے بڑھ کر ہیں‌کاکلیں اس کی
سنا ہے شام کو سائے گزر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے اس کی سیہ چشمگی قیامت ہے
سو اس کو سرمہ فروش آہ بھر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے جب سے حمائل ہیں اس کی گردن میں
مزاج اور ہی لعل و گوہر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے اس کے بدن کی تراش ایسی ہے
کہ پھول اپنی قبائیں کتر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے اس کے لبوں سے گلاب جلتے ہیں
سو ہم بہار پہ الزام دھر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے آئینہ تمثال ہے جبیں اس کی
جو سادہ دل ہیں‌اسے بن سنور کے دیکھتے ہیں
سنا ہے چشمِ تصور سے دشتِ امکاں میں
پلنگ زاویے اس کی کمر کے دیکھتے ہیں
وہ سرو قد ہے مگر بے گل مراد نہیں
کہ اس شجر پہ شگوفے ثمر کے دیکھتے ہیں
بس اک نگاہ سے لوٹا ہے قافلہ دل کا
سو رہ روان تمنا بھی ڈر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے اس کے شبستاں سے متُّصل ہے بہشت
مکیں‌ اُدھر کے بھی جلوے اِدھر کے دیکھتے ہیں
کسے نصیب کہ بے پیرہن اسے دیکھے
کبھی کبھی در و دیوار گھر کے دیکھتے ہیں
رکے تو گردشیں اس کا طواف کرتی ہیں
چلے تو اس کو زمانے ٹھہر کے دیکھتے ہیں
کہانیاں ہی سہی، سب مبالغے ہی سہی
اگر وہ خواب ہے تعبیر کر کے دیکھتے ہیں
اب اس کے شہر میں‌ ٹھہریں کہ کوچ کر جائیں
فراز آؤ ستارے سفر کے دیکھتے ہیں‌‌
احمد فراز

کوئی بھی خواب ہو تعبیر گھر کی دیکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 74
مسافرت میں بھی تصویر گھر کی دیکھتے ہیں
کوئی بھی خواب ہو تعبیر گھر کی دیکھتے ہیں
وطن سے دُور بھی آزادیاں نصیب کسے
قدم کہیں بھی ہوں زنجیر گھر کی دیکھتے ہیں
اگرچہ جسم کی دیوار گرنے والی ہے
یہ سادہ لوح کی تعمیر گھر کی دیکھتے ہیں
کوئی تو زخم اسے بھولنے نہیں دیتا
کوئی تو یاد عناں گیر، گھر کی دیکھتے ہیں
ہم ایسے خانہ بر انداز، کنج غربت میں
جو گھر نہیں تو تصاویر گھر کی دیکھتے ہیں
بنائے دل ہے کسی خوابگاہ زلزلہ پر
سو اپنی آنکھوں سے تقدیر گھر کی دیکھتے ہیں
فراز جب کوئی نامہ وطن سے آتا ہے
تو حرف حرف میں تصویر گھر کی دیکھتے ہیں
احمد فراز

عجب سفر ہے کہ بس ہمسفر کو دیکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 73
نہ منزلوں کو نہ ہم رہ گزر کو دیکھتے ہیں
عجب سفر ہے کہ بس ہمسفر کو دیکھتے ہیں
نہ پوچھ جب وہ گزرتا ہے بے نیازی سے
تو کس ملال سے ہم نامہ بر کو دیکھتے ہیں
تیرے جمال سے ہٹ کر بھی ایک دنیا ہے
یہ سیر چشم مگر کب ادھر کو دیکھتے ہیں
عجب فسونِ خریدار کا اثر ہے کہ ہم
اسی کی آنکھ سے اپنے ہنر کو دیکھتے ہیں
کوئی مکاں کوئی زنداں سمجھ کے رہتا ہے
طلسم خانۂ دیوار و در کو دیکھتے ہیں
فراز در خورِ سجدہ ہر آستانہ نہیں
ہم اپنے دل کے حوالے سے در کو دیکھتے ہیں
وہ بے خبر میری آنکھوں کا صبر بھی دیکھیں
جو طنز سے میرے دامانِ تر کو دیکھتے ہیں
یہ جاں کنی کی گھڑی کیا ٹھہر گئی ہے کہ ہم
کبھی قضا کو کبھی چارہ گر کو دیکھتے ہیں
ہماری دربدری کا یہ ماجرا ہے کہ ہم
مسافروں کی طرح اپنے گھر کو دیکھتے ہیں
فراز ہم سے سخن دوست، فال کے لئے بھی
کلامِ غالب آشفتہ سر کو دیکھتے ہیں
احمد فراز

حوصلے انتہا کے رکھتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 72
سلسلے جو وفا کے رکھتے ہیں
حوصلے انتہا کے رکھتے ہیں
ہم کبھی بد دعا نہیں دیتے
ہم سلیقے دعا کے رکھتے ہیں
ہم نہیں ہیں شکست کے قائل
ہم سفینے جلا کے رکھتے ہیں
ان کے دامن بھی جلتے دیکھے ہیں
وہ جو دامن بچا کے رکھتے ہیں
احمد فراز

کہ دوستوں میں، کبھی دشمنوں میں ہوتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 71
جو سادہ دل ہوں بڑی مشکلوں میں ہوتے ہیں
کہ دوستوں میں، کبھی دشمنوں میں ہوتے ہیں
ہوا کے رخ پہ کبھی بادباں نہیں رکھتے
بلا کے حوصلے دریا دلوں میں ہوتے ہیں
پلٹ کے دیکھ ذرا اپنے رہ نوردوں کو
جو منزلوں پہ نہ ہوں راستوں میں ہوتے ہیں
پیمبروں کا نسب شاعروں سے ملتا ہے
فراز ہم بھی انہیں سلسلوں میں ہوتے ہیں
احمد فراز

مختلف ہو کے بھی سب زندگیاں ایک سی ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 70
منزلیں ایک سی آوارگیاں ایک سی ہیں
مختلف ہو کے بھی سب زندگیاں ایک سی ہیں
کوئی مقصد ہو کہ ناصح، کوئی عاشق کہ عدو
سب کی اُس شوخ سے وابستگیاں ایک سی ہیں
دشتِ مجنوں میں نہ سہی تیشۂ فرہاد سہی
سفرِ عشق میں واماندگیاں ایک سی ہیں
یہ الگ بات کہ احساس جُدا ہوں ورنہ
راحتیں ایک سی، افسردگیاں ایک سی ہیں
صوفی و رند کے مسلک میں سہی لاکھ تضاد
مستیاں ایک سی، وارفتگیاں ایک سی ہیں
وصل ہو، ہجر ہو، قربت ہو کہ دُوری ہو فراز
ساری کیفیتیں، سب تشنگیاں ایک سی ہیں
احمد فراز

کیا بات ہے سرکار بڑی دیر سے چپ ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 69
انکار نہ اقرار بڑی دیر سے چپ ہیں
کیا بات ہے سرکار بڑی دیر سے چپ ہیں
آسان نہ کر دی ہو کہیں موت نے مشکل
روتے ہوئے بیمار بڑی دیر سے چپ ہیں
اب کوئی اشارہ ہے نہ پیغام نہ آہٹ
بام و در و دیوار بڑی دیر سے چپ ہیں
ساقی یہ خموشی بھی تو کچھ غور طلب ہے
ساقی ترے میخوار بڑی دیر سے چپ ہیں
یہ برق نشیمن پہ گری تھی کہ قفس پر
مرغان گرفتار بڑی دیر سے چپ ہیں
اس شہر میں ہر جنس بنی یوسف کنعاں
بازار کے بازار بڑی دیر سے چپ ہیں
پھر نعرۂ مستانہ فراز آؤ لگائیں
اہل رسن و دار بڑی دیر سے چپ ہیں
احمد فراز

جس طرح آئینے چہروں کو ترس جاتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 68
اب تو اس طرح مری آنکھوں میں خواب آتے ہیں
جس طرح آئینے چہروں کو ترس جاتے ہیں
احتیاط اہل محبت کہ اسی شہر میں لوگ
گل بدست آتے ہیں اور پایہ رسن جاتے ہیں
جیسے تجدید تعلق کی بھی رُت ہو کوئی
زخم بھرتے ہیں تو احباب بھی آ جاتے ہیں
ساقیا ! تو نے تو میخانے کا یہ حال کیا
بادہ کش محتسب شہر کے گن گاتے ہیں
طعنۂ نشہ نہ دو سب کو کہ کچھ سوختہ جاں
شدتِ تشنہ لبی سے بھی بہک جاتے ہیں
ہر کڑی رات کے بعد ایسی قیامت گزری
صبح کا ذکر بھی آئے تو لرز جاتے ہیں
احمد فراز

وہ زخمۂ رگِ جاں توڑ کر نکلتے ہیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 67
سکوت بن کے جو نغمے دلوں میں پلتے ہیں
وہ زخمۂ رگِ جاں توڑ کر نکلتے ہیں
حضور آپ شب آرائیاں کریں لیکن
فقط نمودِ سحر تک چراغ جلتے ہیں
اگر فضا ہے مخالف تو زلف لہراؤ
کہ بادبان ہواؤں کا رُخ بدلتے ہیں
کوئی بھی فیصلہ دینا ابھی درست نہیں
کہ واقعات ابھی کروٹیں بدلتے ہیں
یہ پاسِ پیر مغاں ہے کہ ضعفِ تشنہ لبی
نشہ نہیں ہے مگر لڑکھڑا کے چلتے ہیں
خدا کا نام جہاں بیچتے ہیں لوگ فراز
بصد وثوق وہاں کاروبار چلتے ہیں
احمد فراز

ہم کہ تصویر بنے بس تجھے تکتے جاویں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 66
دل ٹھہرنے دے تو آنکھیں بھی جھپکتے جاویں
ہم کہ تصویر بنے بس تجھے تکتے جاویں
چوب نم خوردہ کی مانند سلگتے رہے ہم
نہ تو بجھ پائیں نہ بھڑکیں نہ دہکتے جاویں
تیری بستی میں تیرا نام پتہ کیا پوچھا
لوگ حیران و پریشاں ہمیں تکتے جاویں
کیا کرے چارہ کوئی جب تیرے اندوہ نصیب
منہ سے کچھ بھی نہ کہیں اور سسکتے جاویں
کوئی نشے سے کوئی تشنہ لبی سے ساقی
تیری محفل میں سبھی لوگ بہکتے جاویں
مژدۂ وصل سے کچھ ہم ہی زخود رفتہ نہیں
اس کی آنکھوں میں بھی جگنو سے چمکتے جاویں
کبھی اس یارِ سمن بر کے سخن بھی سنیو
ایسا لگتا ہے کہ غنچے سے چٹکتے جاویں
ہم نوا سنجِ محبت ہیں ہر اک رُت میں فراز
وہ قفس ہو کہ گلستاں ہو، چہکتے جاویں
احمد فراز

میں سوچ ہی رہا تھا کہ دل نے کہا کہ میں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 65
کل رات ہم سخن کوئی بُت تھا خدا کہ میں
میں سوچ ہی رہا تھا کہ دل نے کہا کہ میں
تھا کون جو گرہ پہ گرہ ڈالتا رہا
اب یہ بتا کہ عقدہ کشا تُو ہوا کہ میں
جب سارا شہر برف کے پیراہنوں میں تھا
ان موسموں میں لوگ تھے شعلہ قبا کہ میں
جب دوست اپنے اپنے چراغوں کے غم میں تھے
تب آندھیوں کی زد پہ کوئی اور تھا کہ میں
جب فصلِ گل میں فکرِ رفو اہلِ دل کو تھی
اس رُت میں بھی دریدہ جگر تُو رہا کہ میں
کل جب رُکے گا بازوئے قاتل تو دیکھنا
اے اہلِ شہر تم تھے شہیدِ وفا کہ میں
کل جب تھمے گی خون کی بارش تو سوچنا
تم تھے عُدو کی صف میں سرِ کربلا کہ میں
احمد فراز

تو تو اس بستی سے خوش خوش چلا گیا، اور میں؟

احمد فراز ۔ غزل نمبر 64
شہرِ محبت، ہجر کا موسم، عہد وفا اور میں
تو تو اس بستی سے خوش خوش چلا گیا، اور میں؟
تو جو نہ ہو تو جیسے سب کو چپ لگ جاتی ہے
آپس میں کیا باتیں کرتے رات، دیا اور میں
سیرِ چمن عادت تھی پہلے اب مجبوری ہے
تیری تلاش میں‌چل پڑتے ہیں‌ بادِ صبا اور میں
جس کو دیکھو تیری خو میں پاگل پھرتا ہے
ورنہ ہم مشرب تو نہیں‌تھے خلقِ خدا اور میں
ایک تو وہ ہمراز مرا ہے، پھر تیرا مداح
بس تیرا ہی ذکر کیا کرتے ہیں‌ضیا اور میں
ایک زمانے بعد فراز یہ شعر کہے میں‌نے
اک مدت سے ملے نہیں‌ہیں‌یار مرا اور میں
احمد فراز

تمام شہر لئے چھتریاں تھا رستے میں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 63
خبر تھی گھر سے وہ نکلا ہے مینہ برستے میں
تمام شہر لئے چھتریاں تھا رستے میں
بہار آئی تو اک شخص یاد آیا بہت
کہ جس کے ہونٹوں سے جھڑتے تھے پھول ہنستے میں
کہاں کے مکتب و مُلّا، کہا ں کے درس و نصاب
بس اک کتابِ محبت رہی ہے بستے میں
ملا تھا ایک ہی گاہک تو ہم بھی کیا کرتے
سو خود کو بیچ دیا بے حساب سستے میں
یہ عمر بھر کی مسافت ہے دل بڑا رکھنا
کہ لوگ ملتے بچھڑتے رہیں گے رستے میں
ہر ایک در خورِ رنگ و نمو نہیں ورنہ
گل و گیاہ سبھی تھے صبا کے رستے میں
ہے زہرِ عشق، خمارِ شراب آگے ہے
نشہ بڑھاتا گیا ہے یہ سانپ ڈستے میں
جو سب سے پہلے ہی رزمِ وفا میں کام آئے
فراز ہم تھے انہیں عاشقوں کے دستے میں
احمد فراز

اب کہ ڈوبا ہوں تو سوکھے ہوئے دریاؤں میں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 62
میں کہ پر شور سمندر تھے مرے پاؤں میں
اب کہ ڈوبا ہوں تو سوکھے ہوئے دریاؤں میں
نامرادی کا یہ عالم ہے کہ اب یاد نہیں
تو بھی شامل تھا کبھی میری تمناؤں میں
دن کے ڈھلتے ہی اُجڑ جاتی ہیں آنکھیں ایسے
جس طرح شام کو بازار کسی گاؤں میں
چاک دل سی کہ نہ سی زخم کی توہین نہ کر
ایسے قاتل تو نہ تھے میرے مسیحاؤں میں
ذکر اُس غیرتِ مریم کا جب آتا ہے فراز
گھنٹیاں بجتی ہیں لفظوں کے کلیساؤں میں
احمد فراز

جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 61
اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں
جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں
ڈھونڈ اجڑے ہوئے لوگوں میں وفا کے موتی
یہ خزانے تجھے ممکن ہے خرابوں میں ملیں
غمِ دنیا بھی غمِ یار میں شامل کر لو
نشہ بڑھتا ہے شرابیں جو شرابوں میں ملیں
تو خدا ہے نہ مرا عشق فرشتوں جیسا
دونوں انساں ہیں تو کیوں اتنے حجابوں میں ملیں
آج ہم دار پہ کھینچے گئے جن باتوں پر
کیا عجب کل وہ زمانے کو نصابوں میں ملیں
اب نہ وہ میں ہوں نہ تو ہے نہ وہ ماضی ہے فراز
جیسے دو سائے تمنا کے سرابوں میں ملیں
احمد فراز

کیوں نہ اے دوست ہم جدا ہو جائیں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 60
اس سے پہلے کہ بے وفا ہو جائیں
کیوں نہ اے دوست ہم جدا ہو جائیں
تو بھی ہیرے سے بن گیا پتھر
ہم بھی کل جانے کیا سے کیا ہو جائیں
تو کہ یکتا تھا بے شمار ہوا
ہم بھی ٹوٹیں تو جا بجا ہو جائیں
ہم بھی مجبوریوں کا عذر کریں
پھر کہیں اور مبتلا ہو جائیں
ہم اگر منزلیں نہ بن پائے
منزلوں تک کا راستہ ہو جائیں
دیر سے سوچ میں ہیں پروانے
راکھ ہو جائیں یا ہوا ہو جائیں
اب کے گر تو ملے تو ہم تجھ سے
ایسے لپٹیں تری قبا ہو جائیں
بندگی ہم نے چھوڑ دی ہے فراز
کیا کریں لوگ جب خدا ہو جائیں
احمد فراز

مر جائیے جو ایسے میں تنہائیاں بھی ہوں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 59
دل بھی بُجھا ہو شام کی پرچھائیاں بھی ہوں
مر جائیے جو ایسے میں تنہائیاں بھی ہوں
آنکھوں کی سرخ لہر ہے موجِ سپردگی
یہ کیا ضرور ہے کہ اب انگڑائیاں بھی ہوں
ہر حسن سادہ لوح نہ دل میں اُتر سکا
کچھ تو مزاجِ یار میں گہرائیاں بھی ہوں
دنیا کے تذکرے تو طبیعت ہی لے بجھے
بات اس کی ہو تو پھر سخن آرائیاں بھی ہوں
پہلے پہل کا عشق ابھی یاد ہے فراز
دل خود یہ چاہتا تھا کہ رسوائیاں بھی ہوں
احمد فراز

وہ کسی خوابِ گریزاں میں مِلا ہے سو کہاں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 58
دشتِ افسُردہ میں اک پھول کھلا ہے سو کہاں
وہ کسی خوابِ گریزاں میں مِلا ہے سو کہاں
ہم نے مدت سے کوئی ہجو نہ واسوخت کہی
وہ سمجھتے ہیں ہمیں اُن سے گلہ ہے سو کہاں
ہم تیری بزم سے اُٹھے بھی تو خالی دامن
لوگ کہتے ہیں کہ ہر دُ کھ کا صلہ ہے سو کہاں
آنکھ اسی طور برستی ہے تو دل رستا ہے
یوں تو ہر زخم قرینے سے سِلا ہے سو کہاں
بارہا کوچۂ جاناں سے بھی ہو آئے ہیں
ہم نے مانا کہیں جنت بھی دلا ہے سو کہاں
جلوۂ دوست بھی دُھندلا گیا آخر کو فراز
ورنہ کہنے کو تو غم، دل کی جلا ہے سو کہاں
احمد فراز

یاد کیا تجھ کو دلائیں ترا پیماں جاناں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 57
اب کے تجدیدِ وفا کا نہیں اِمکاں جاناں
یاد کیا تجھ کو دلائیں ترا پیماں جاناں
اوّل اوّل کی محبت کے نشے یاد تو کر
بِن پیۓ ہی ترا چہرہ تھا گُلستاں جاناں
آخر آخر تو یہ عالم تھا کہ اب یاد نہیں
رگِ مِینا سُلگ اٹھی کہ رگِ جاں جاناں
یوں ہی موسم کی ادا دیکھ کے یاد آیا ہے
کِس قدر جلد بدل جاتے ہیں اِنساں جاناں
دل سمجھتا تھا کہ شاید ہو فسُردہ تُو بھی
دل کی کیا بات کریں دل تو ہے ناداں جاناں
مدّتوں سے یہی عالم ۔۔ نہ توقع، نہ اُمید
دل پُکارے ہی چلا جاتا ہے جاناں جاناں
زندگی تیری عطا تھی سو ترے نام کی ہے
ہم نے جیسی بھی گزاری ترا احساں جاناں
احمد فراز

سر بہ زانو ہے کوئی سر بہ گریباں جاناں

احمد فراز ۔ غزل نمبر 56
اب کے کچھ ایسی سجی محفل یاراں جاناں
سر بہ زانو ہے کوئی سر بہ گریباں جاناں
ہم بھی کیا سادہ تھے ہم نے بھی سمجھ رکھا تھا
غم دوراں سے جدا ہے غم جاناں جاناں
ہر کوئی اپنی ہی آواز سے کانپ اٹھتا ہے
ہر کوئی اپنے ہی سائے سے ہراساں جاناں
جس کو دیکھو وہی زنجیر بہ پا لگتا ہے
شہر کا شہر ہوا داخل زنداں جاناں
اب ترا ذکر بھی شاید ہی غزل میں آئے
اور سے اور ہوئے درد کے عنواں جاناں
ہم کہ روٹھی ہوئی رت کو بھی منا لیتے تھے
ہم نے دیکھا ہی نہ تھا موسم ہجراں جاناں
ہوش آیا تو سبھی خواب تھے ریزہ ریزہ
جیسے اڑتے ہوئے اوراق پریشاں جاناں
احمد فراز

اب بھی میں چپ ہوں تو مجھ پر مرے اشعار پہ خاک

احمد فراز ۔ غزل نمبر 55
‮‮باغباں ڈال رہا ہے گُل و گلزار پہ خاک
اب بھی میں چپ ہوں تو مجھ پر مرے اشعار پہ خاک
کیسے بے آبلہ پا بادیہ پیما ہیں کہ ہے
قطرۂ خوں کے بجائے سر ہر خار پہ خاک
سرِ دربار ستادہ ہیں پئے منصب و جاہ
تُف بر اہلِ سخن و خلعت و دستار پہ خاک
آ کے دیکھو تو سہی شہر مرا کیسا ہے
سبزہ و گل کی جگہ ہے در و دیوار پہ خاک
تا کسی پر نہ کھُلے اپنے جگر کا احوال
مَل کے آ جاتے ہیں ہم دیدۂ خونبار پہ خاک
بسکہ اک نانِ جویں رزقِ مشقت تھا فراز
آ گیا ڈال کے میں درہم و دینار پہ خاک
احمد فراز

وہ چارہ گر تو ہے اس کو خیال جو بھی ہو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 54
چلو اسی سے کہیں دل کا حال جو بھی ہو
وہ چارہ گر تو ہے اس کو خیال جو بھی ہو
اسی کے درد سے ملتے ہیں سلسلے جاں کے
اسی کے نام لگا دو ملال جو بھی ہو
مرے نہ ہار کے ہم قیس و کوہکن کی طرح
اب عاشقی میں ہماری مثال جو بھی ہو
یہ رہ گزر پہ جو شمعیں دمکتی جاتی ہیں
اسی کا قامتِ زیبا ہے، چال جو بھی ہو
فراز اس نے وفا کی یا بے وفائی کی
جوابدہ تو ہمیں ہیں سوال جو بھی ہو
احمد فراز

کسے بزم شوق میں لائیں ہم دل بے قرار کوئی تو ہو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 53
نہ حریف جاں نہ شریک غم شب انتظار کوئی تو ہو
کسے بزم شوق میں لائیں ہم دل بے قرار کوئی تو ہو
کسے زندگی ہے عزیز اب، کسے آرزوئے شب طرب
مگر اے نگار وفا طلب ترا اعتبار کوئی تو ہو
کہیں تار دامن گل ملے تو یہ مان لیں کہ چمن کھلے
کہ نشان فصل بہار کا سر شاخسار کوئی تو ہو
یہ اداس اداس سے بام و در یہ اجاڑ اجاڑ سی رہگزر
چلو ہم نہیں نہ سہی مگر سر کوئے یار کوئی تو ہو
یہ سکون جاں کی گھڑی ڈھلے تو چراغ دل ہی نہ بجھ چلے
وہ بلا سے ہو غم عشق یا غم روزگار کوئی تو ہو
سر مقتل شب آرزو رہے کچھ تو عشق کی آبرو
جو نہیں عدو تو فراز تو کہ نصیب دار کوئی تو ہو
احمد فراز

اے جانِ جہاں یہ کوئی تم سا ہے کہ تم ہو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 52
جس سمت بھی دیکھوں نظر آتا ہے کہ تم ہو
اے جانِ جہاں یہ کوئی تم سا ہے کہ تم ہو
یہ خواب ہے خوشبو ہے کہ جھونکا ہے کہ پل ہے
یہ دھند ہے بادل ہے کہ سایہ ہے کہ تم ہو
اس دید کی ساعت میں کئی رنگ ہیں لرزاں
میں ہوں کہ کوئی اور ہے دنیا ہے کہ تم ہو
دیکھو یہ کسی اور کی آنکھیں ہیں کہ میری
دیکھوں یہ کسی اور کا چہرہ ہے کہ تم ہو
یہ عمر گریزاں کہیں ٹھہرے تو یہ جانوں
ہر سانس میں مجھ کو یہی لگتا ہے کہ تم ہو
ہر بزم میں‌ موضوعِ سخن دل زدگاں کا
اب کون ہے شیریں ہے کہ لیلیٰ ہے کہ تم ہو
اک درد کا پھیلا ہوا صحرا ہے کہ میں ہوں
اک موج میں آیا ہوا دریا ہے کہ تم ہو
وہ وقت نہ آئے کہ دلِ زار بھی سوچے
اس شہر میں تنہا کوئی ہم سا ہے کہ تم ہو
آباد ہم آشفتہ سروں سے نہیں مقتل
یہ رسم ابھی شہر میں زندہ ہے کہ تم ہو
اے جانِ فراز اتنی بھی توفیق کسے تھی
ہم کو غمِ ہستی بھی گوارا ہے کہ تم ہو
احمد فراز

جسموں کو برف، خون کو پانی کوئی لکھو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 51
اس دورِ بے جنوں کی کہانی کوئی لکھو
جسموں کو برف، خون کو پانی کوئی لکھو
کوئی کہو کہ ہاتھ قلم کس طرح ہوئے
کیوں رک گئی قلم کی روانی کوئی لکھو
کیوں اہلِ شوق سر بگریباں ہیں دوستو
کیوں خوں بہ دل ہے عہدِ جوانی کوئی لکھو
کیوں سرمہ در گلو ہے ہر اک طائرِ سخن
کیوں گلستاں قفس کا ہے ثانی، کوئی لکھو
ہاں تازہ سانحوں کا کرے کون انتظار
ہاں دل کی واردات پرانی کوئی لکھو
احمد فراز

جان اگر پیاری ہے پیارے مت لکھو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 50
ہم سے کہیں کچھ دوست ہمارے مت لکھو
جان اگر پیاری ہے پیارے مت لکھو
حاکم کی تلوار مقدس ہوتی ہے
حاکم کی تلوار کے بارے مت لکھو
کہتے ہیں یہ دار و رسن کا موسم ہے
جو بھی جس کی گردن مارے، مت لکھو
لوگ الہام کو بھی الحاد سمجھتے ہیں
جو دل پر وجدان اتارے مت لکھو
وہ لکھو بس جو بھی امیرِ شہر کہے
جو کہتے ہیں درد کے مارے مت لکھو
خود منصف پا بستہ ہیں لب بستہ ہیں
کون کہاں اب عرض گزارے مت لکھو
کچھ اعزاز رسیدہ ہم سے کہتے ہیں
اپنی بیاض میں نام ہمارے مت لکھو
دل کہتا ہے کھل کر سچی بات کہو
اور لفظوں کے بیچ ستارے مت لکھو
احمد فراز

شہر میں آوازوں کا کال پڑا لوگو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 49
اب کے ہم پر کیسا سال پڑا لوگو
شہر میں آوازوں کا کال پڑا لوگو
ہر چہرہ دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوا
اب کے دلوں میں ایسا بال پڑا لوگو
جب بھی دیار خندہ دلاں سے گزرے ہیں
اس سے آگے شہر ملال پڑا لوگو
آئے رت اور جائے رت کی بات نہیں
اب تو عمروں کا جنجال پڑا لوگو
تلخ نوائی کا مجرم تھا صرف فراز
پھر کیوں سارے باغ پہ جال پڑا لوگو
احمد فراز

بہت بڑا ہے سفر، تھوڑی دور ساتھ چلو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 48
کٹھن ہے راہ گزر، تھوڑی دور ساتھ چلو
بہت بڑا ہے سفر، تھوڑی دور ساتھ چلو
تمام عمر کہاں کوئی ساتھ دیتا ہے
میں جانتا ہوں مگر تھوڑی دور ساتھ چلو
نشے میں چور ہوں میں بھی، تمہیں بھی ہوش نہیں
بڑا مزا ہو اگر تھوڑی دور ساتھ چلو
یہ ایک شب کی ملاقات بھی غنیمت ہے
کسے ہے کل کی خبر تھوڑی دور ساتھ چلو
ابھی تو جاگ رہے ہیں چراغ راہوں کے
ابھی ہے دور سحر، تھوڑی دور ساتھ چلو
طوافِ منزلِ جاناں ہمیں بھی کرنا ہے
فراز تم بھی اگر تھوڑی دور ساتھ چلو
احمد فراز

"جالب ہن گل مک گئی اے "، ہن جان نوں ہی خیرات کرو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 47
کب تک درد کے تحفے بانٹو خون جگر سوغات کرو
"جالب ہن گل مک گئی اے "، ہن جان نوں ہی خیرات کرو
کیسے کیسے دشمن جاں اب پرسش حال کو آئے ہیں
ان کے بڑے احسان ہیں تم پر اٹھو تسلیمات کرو
تم تو ازل کے دیوانے اور دیوانوں کا شیوہ ہے
اپنے گھر کو آگ لگا کر روشن شہر کی رات کرو
اے بے زور پیادے تم سے کس نے کہا کہ یہ جنگ لڑو
شاہوں کو شہ دیتے دیتے اپنی بازی مات کرو
اپنے گریباں کے پرچم میں لوگ تمہیں کفنائیں گے
چاہے تم منصور بنو یا پیروی سادات کرو
فیض گیا اب تم بھی چلے تو کون رہے گا مقتل میں
ایک فراز ہے باقی ساتھی، اس کو بھی اپنے ساتھ کرو
احمد فراز

میں کب کا جا چکا ہوں صدائیں مجھے نہ دو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 46
شعلہ سا جل بجھا ہوں ہوائیں مجھے نہ دو
میں کب کا جا چکا ہوں صدائیں مجھے نہ دو
جو زہر پی چکا ہوں تمہی نے مجھے دیا
اب تم تو زندگی کی دعائیں مجھے نہ دو
یہ بھی بڑا کرم ہے سلامت ہے جسم ابھی
اے خسروان شہر، قبائیں مجھے نہ دو
ایسا نہ ہو کبھی کہ پلٹ کر نہ آ سکوں
ہر بار دور جا کے صدائیں مجھے نہ دو
کب مجھ کو اعتراف محبت نہ تھا فراز
کب میں نے یہ کہا تھا سزائیں مجھے نہ دو
احمد فراز

اب ہو چلا یقیں کہ برے ہم ہیں‌ دوستو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 45
تم بھی خفا ہو لوگ بھی برہم ہیں دوستو
اب ہو چلا یقیں کہ برے ہم ہیں‌ دوستو
کس کو ہمارے حال سے نسبت ہے کیا کریں
آنکھیں‌تو دُشمنوں‌کی بھی پرنم ہیں دوستو
اپنے سوا ہمارے نہ ہونے کا غم کسے
اپنی تلاش میں تو ہمی ہم ہیں دوستو
کچھ آج شام ہی سے ہے دل بھی بجھا بجھا
کچھ شہر کے چراغ بھی مدھم ہیں دوستو
اس شہرِ آرزو سے بھی باہر نکل چلو
اب دل کی رونقیں بھی کوئی دم ہیں دوستو
سب کچھ سہی فراز پر اتنا ضرور ہے
دنیا میں ایسے لوگ بہت کم ہیں دوستو
احمد فراز

کہاں گیا ہے مرے شہر کے مسافر تو

احمد فراز ۔ غزل نمبر 44
ہوئی ہے شام تو آنکھوں میں بس گیا پھر تو
کہاں گیا ہے مرے شہر کے مسافر تو
مری مثال کہ اک نخل خشک صحرا ہوں
ترا خیال کہ شاخ چمن کا طائر تو
میں جانتا ہوں کہ دنیا تجھے بدل دے گی
میں مانتا ہوں کہ ایسا نہیں بظاہر تو
ہنسی خوشی سے بچھڑ جا اگر بچھڑنا ہے
یہ ہر مقام پہ کیا سوچتا ہے آخر تو
فضا اداس ہے، رت مضمحل ہے، میں چپ ہوں
جو ہو سکے تو چلا آ کسی کی خاطر تو
فراز تو نے اسے مشکلوں میں ڈال دیا
زمانہ صاحب زر اور صرف شاعر تو
احمد فراز

زخم پھولوں کی طرح مہکیں گے پر دیکھے گا کون

احمد فراز ۔ غزل نمبر 43
اب کے رت بدلی تو خوشبو کا سفر دیکھے گا کون
زخم پھولوں کی طرح مہکیں گے پر دیکھے گا کون
دیکھنا سب رقص بسمل میں مگن ہو جائیں گے
جس طرف سے تیر آئے گا ادھر دیکھے گا کون
زخم جتنے بھی تھے سب منسوب قاتل سے ہوئے
تیرے ہاتھوں کے نشاں اے چارہ گر دیکھے گا کون
وہ ہوس ہو یا وفا ہو بات محرومی کی ہے
لوگ تو پھل پھول دیکھیں گے شجر دیکھے گا کون
ہم چراغ شب ہی جب ٹھہرے تو پھر کیا سوچنا
رات تھی کس کا مقدر اور سحر دیکھے گا کون
ہر کوئی اپنی ہوا میں مست پھرتا ہے فراز
شہر نا پرساں میں تیری چشم تر دیکھے گا کون
احمد فراز

چارہ گر روئینگے اور غمخوار بن جائیں گے ہم

احمد فراز ۔ غزل نمبر 42
یہ طبیعت ہے تو خود آزار بن جائیں گے ہم
چارہ گر روئینگے اور غمخوار بن جائیں گے ہم
ہم سرِ چاکِ وفا ہیں اور ترا دستِ ہنر
جو بنا دے گا ہمیں اے یار بن جائیں گے ہم
کیا خبر تھی اے نگارِ شہر تیرے عشق میں
دلبرانِ شہر کے دلدار بن جائیں گے ہم
سخت جاں ہیں پر ہماری استواری پر نہ جا
ایسے ٹوٹیں گے ترا اقرار بن جائیں گے ہم
اور کچھ دن بیٹھنے دو کوئے جاناں میں ہمیں
رفتہ رفتہ سایۂ دیوار بن جائیں گے ہم
اس قدر آساں نہ ہو گی ہر کسی سے دوستی
آشنائی میں ترا معیار بن جائیں گے ہم
میر و غالب کیا کہ بن پائے نہیں فیض و فراق
زعم یہ تھا رومی و عطار بن جائیں گے ہم
دیکھنے میں شاخِ گل لگتے ہیں لیکن دیکھنا
دستِ گلچیں کے لئے تلوار بن جائیں گے ہم
ہم چراغوں کو تو تاریکی سے لڑنا ہے فراز
گل ہوئے پر صبح کے آثار بن جائیں گے ہم
احمد فراز

یہ بھی بہت ہے، تجھ کو اگر بھول جائیں ہم

احمد فراز ۔ غزل نمبر 41
اب اور کیا کسی سے مراسم بڑھائیں ہم
یہ بھی بہت ہے، تجھ کو اگر بھول جائیں ہم
صحرائے زندگی میں کوئی دوسرا نہ تھا
سنتے رہے ہیں آپ ہی اپنی صدائیں ہم
اس زندگی میں اتنی فراغت کسے نصیب
اتنا نہ یاد آ کہ تجھے بھول جائیں ہم
تو اتنی دل زدہ تو نہ تھی اے شبِ فراق
آ تیرے راستے میں ستارے لٹائیں ہم
وہ لوگ اب کہاں ہیں جو کہتے تھے کل فراز
ہے ہے خدا نہ کردہ تجھے بھی رلائیں ہم
احمد فراز

جیسا بھی حال ہو نگہِ یار پر نہ کھول

احمد فراز ۔ غزل نمبر 40
آنسو نہ روک دامنِ زخمِ جگر نہ کھول
جیسا بھی حال ہو نگہِ یار پر نہ کھول
جب شہر لُٹ گیا ہے تو کیا گھر کو دیکھنا
کل آنکھ نم نہیں تھی تو اب چشمِ تر نہ کھول
چاروں طرف ہیں دامِ شنیدن بچھے ہوئے
غفلت میں طائرانِ معانی کے پر نہ کھول
کچھ تو کڑی کٹھور مسافت کا دھیان کر
کوسوں سفر پڑا ہے ابھی سے کمر نہ کھول
عیسیٰ نہ بن کہ اس کا مقدر صلیب ہے
انجیلِ آگہی کے ورق عمر بھر نہ کھول
امکاں میں ہے تو بند و سلاسل پہن کے چل
یہ حوصلہ نہیں ہے تو زنداں کے در نہ کھول
میری یہی بساط کہ فریاد ہی کروں
تو چاہتا نہیں ہے تو بابِ اثر نہ کھول
تُو آئینہ فروش و خریدار کور چشم
اس شہر میں فراز دکانِ ہنر نہ کھول
احمد فراز

نہ تھے اتنے بھی دل آزار قاتل

احمد فراز ۔ غزل نمبر 39
ہوئے جاتے ہیں کیوں غم خوار قاتل
نہ تھے اتنے بھی دل آزار قاتل
مسیحاؤں کو جب آواز دی ہے
پلٹ کر آ گئے ہر بار قاتل
ہمیشہ سے ہلاک اک دوسرے کے
مرا سر اور تری تلوار قاتل
تری آنکھوں کو جاناں کیا ہوا ہے
کبھی دیکھے نہ تھے بیمار قاتل
وہاں کیا داد خواہی کیا گواہی
جہاں ہوں منصفوں کے یار قاتل
فراز اس دشمن جاں سے گلہ کیا
ہمیشہ سے رہے دلدار قاتل
احمد فراز

‮پھِر بھی لادے تو کوئی دوست ہمارے کی مثال

احمد فراز ۔ غزل نمبر 38
ہونٹ ہیروں سے نہ چہرہ ہے ستارے کی مثال
‮پھِر بھی لادے تو کوئی دوست ہمارے کی مثال
مجھ سے کیا ڈوبنے والوں کا پتہ پوچھتے ہو
میں سمندر کا حوالہ نہ کنارے کی مثال
زندگی اوڑھ کے بیٹھی تھی ردائے شب غم
تیرا غم ٹانک دیا ہم نے ستارے کی مثال
عاشقی کو بھی ہوس پیشہ تجارت جانیں
وصل ہے نفع تو ہجراں ہے خسارے کی مثال
ہم کبھی ٹوٹ کے روئے نہ کبھی کھل کے ہنسے
رات شبنم کی طرح صبح ستارے کی مثال
نا سپاسی کی بھی حد ہے جو یہ کہتے ہو فراز
زندگی ہم نے گزاری ہے گزارے کی مثال
احمد فراز

گرچہ کہتے رہے مجھ سے میرے غم خوار کہ بس

احمد فراز ۔ غزل نمبر 37
چشم گریاں میں وہ سیلاب تھے اے یار کہ بس
گرچہ کہتے رہے مجھ سے میرے غم خوار کہ بس
گھر تو کیا گھر کی شباہت بھی نہیں ہے باقی
ایسے ویران ہوئے ہیں در و دیوار کہ بس
زندگی تھی کہ قیامت تھی کہ فرقت تیری
ایک اک سانس نے وہ وہ دیئے آزار کہ بس
اس سے پہلے بھی محبت کا قرینہ تھا یہی
ایسے بے حال ہوئے ہیں مگر اس بار کہ بس
اب وہ پہلے سے بلا نوش و سیہ مست کہاں
اب تو ساقی سے یہ کہتے ہیں قدح خوار کہ بس
لوگ کہتے تھے فقط ایک ہی پاگل ہے فراز
ایسے ایسے ہیں محبت میں گرفتار کہ بس
احمد فراز

جانے کس دیس گئے خواب ہمارے لے کر

احمد فراز ۔ غزل نمبر 36
وہ جو آ جاتے تھے آنکھوں میں‌ستارے لے کر
جانے کس دیس گئے خواب ہمارے لے کر
چھاؤں میں بیٹھنے والے ہی تو سب سے پہلے
پیڑ گرتا ہے تو آ جاتے ہیں آرے لے کر
وہ جو آسودۂ ساحل ہیں انہیں کیا معلوم
اب کے موج آئی تو پلٹے گی کنارے لے کر
ایسا لگتا ہے کہ ہر موسم ہجراں میں بہار
ہونٹ رکھ دیتی ہے شاخوں پہ تمہارے لے کر
شہر والوں کو کہاں یاد ہے وہ خواب فروش
پھرتا رہتا تھا جو گلیوں میں غبارے لے کر
نقدِ جاں صرف ہوا کلفتِ ہستی میں‌ فراز
اب جو زندہ ہیں‌تو کچھ سانس ادھارے لے کر
احمد فراز

دریدہ دامن و آشفتہ مو ہماری طرح

احمد فراز ۔ غزل نمبر 35
پھرے گا تو بھی یونہی کو بکو ہماری طرح
دریدہ دامن و آشفتہ مو ہماری طرح
کبھی تو سنگ سے پھوٹے گی آبجو غم کی
کبھی تو ٹوٹ کے روئے گا تو ہماری طرح
پلٹ کے تجھ کو بھی آنا ہے اس طرف لیکن
لٹا کے قافلۂ رنگ و بو ہماری طرح
یہ کیا کہ اہل ہوس بھی سجائے پھرتے ہیں
دلوں پہ داغ جبیں پر لہو ہماری طرح
وہ لاکھ دشمن جاں ہو مگر خدا نہ کرے
کہ اس کا حال بھی ہو ہُو بہو ہماری طرح
ہمی فراز سزاوار سنگ کیوں ٹھرے
کہ اور بھی تو ہیں دیوانہ خو ہماری طرح
احمد فراز

وگرنہ ترک تعلق کی صورتیں تھیں بہت

احمد فراز ۔ غزل نمبر 34
یہ دل کا چور کہ اس کی ضرورتیں تھیں بہت
وگرنہ ترک تعلق کی صورتیں تھیں بہت
ملے تو ٹوٹ کے روئے، نہ کھل کے باتیں کیں
کہ جیسے اب کے دلوں میں کدورتیں تھیں بہت
بھلا دیے ہیں ترے غم نے دکھ زمانے کے
خدا نہیں تھا تو پتھر کی مورتیں تھیں بہت
دریدہ پیرہنوں کا خیال کیا آتا
امیر شہر کی اپنی ضرورتیں تھیں بہت
فراز دل کو نگاہوں سے اختلاف رہا
وگرنہ شہر میں ہم شکل صورتیں تھیں بہت
احمد فراز

تو مری پہلی محبت تھی مرے آخری دوست

احمد فراز ۔ غزل نمبر 33
تجھ سے مل کر تو یہ لگتا ہے کہ اے اجنبی دوست
تو مری پہلی محبت تھی مرے آخری دوست
لوگ ہر بات کا افسانہ بنا دیتے ہیں
یہ تو دنیا ہے مری جاں کئی دشمن کئی دوست
تیرے قامت سے بھی لپٹی ہے امربیل کوئی
میری چاہت کو بھی دنیا کی نظر کھا گئی دوست
یاد آئی ہے تو پھر ٹوٹ کے یاد آئی ہے
کوئی گزری ہوئی منزل کوئی بھولی ہوئی دوست
اب بھی آئے ہو تو احسان تمہارا لیکن
وہ قیامت جو گزرتی تھی گزر بھی گئی دوست
تیرے لہجے کی تھکن میں ترا دل شامل ہے
ایسا لگتا ہے جدائی کی گھڑی آ گئی دوست
بارش سنگ کا موسم ہے مرے شہر میں تو
تو یہ شیشے سا بدن لے کے کہاں آ گئی دوست
میں اسے عہد شکن کیسے سمجھ لوں جس نے
آخری خط میں لکھا تھا کہ فقط "آپ کی دوست”
احمد فراز

جبکہ خود پتھر کو بت، بت کو خدا میں نے کیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 32
سنگ دل ہے وہ تو کیوں اس کا گلہ میں نے کیا
جبکہ خود پتھر کو بت، بت کو خدا میں نے کیا
کیسے نامانوس لفظوں کی کہانی تھا وہ شخص
اس کو کتنی مشکلوں سے ترجمہ میں نے کیا
وہ مری پہلی محبت وہ مری پہلی شکست
پھر تو پیمان وفا سو مرتبہ میں نے کیا
ہوں سزاوار سزا کیوں جب مقدر میں مرے
جو بھی اس جانِ جہاں نے لکھ دیا میں نے کیا
احمد فراز

کسی کے دھیان میں تم کھو گئے کیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 31
غزل سُن کر پریشاں ہو گئے کیا
کسی کے دھیان میں تم کھو گئے کیا
یہ بیگانہ روی پہلی نہیں تھی
کہو تم بھی کسی کے ہو گئے کیا
نہ پرسش کو نہ سمجھانے کو آئے
ہمارے یار ہم کو رو گئے کیا
ابھی کچھ دیر پہلے تک یہیں تھے
زمانہ ہو گیا تم کو گئے کیا
کسی تازہ رفاقت کی جھلک ہے
پرانے زخم اچھے ہو گئے کیا
پلٹ کر چارہ گر کیوں آ گئے ہیں
شبِ فرقت کے مارے سو گئے کیا
فراز اتنا نہ اترا حوصلے پر
اسے بھولے زمانے ہو گئے کیا
احمد فراز

مسافر گھر کو واپس آ گئے کیا ؟

احمد فراز ۔ غزل نمبر 30
جہاں کے شور سے گھبرا گئے کیا
مسافر گھر کو واپس آ گئے کیا ؟
نہ تھی اتنی کڑی تازہ مسافت
پرانے ہم سفر یاد آ گئے کیا ؟
یہاں‌کچھ آشنا سی بستیاں تھیں
جزیروں کو سمندر کھا گئے کیا؟
مری گردن میں باہیں ڈال دی ہیں
تم اپنے آپ سے اکتا گئے کیا ؟
نہیں آیا مرا جانِ بہاراں
درختوں پر شگوفے آ گئے کیا
جہاں میلہ لگا ہے قاتلوں کا
فراز اس شہر میں تنہا گئے کیا؟
احمد فراز

کہ تیری بات کی اور تیرا نام بھی نہ لیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 29
وفا کے باب میں الزام عاشقی نہ لیا
کہ تیری بات کی اور تیرا نام بھی نہ لیا
خوشا وہ لوگ کہ محروم التفات رہے
ترے کرم کو بہ انداز سادگی نہ لیا
تمہارے بعد کئی ہاتھ دل کی سمت بڑھے
ہزار شکر گریباں کو ہم نے سی نہ لیا
فراز ظلم ہے اتنی خود اعتمادی بھی
کہ رات بھی تھی اندھیری، چراغ بھی نہ لیا
احمد فراز

ہجر کی رات بام پر ماہِ تمام رکھ دیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 28
اس نے سکوتِ شب میں بھی اپنا پیام رکھ دیا
ہجر کی رات بام پر ماہِ تمام رکھ دیا
آمدِ دوست کی نوید کوئے وفا میں عام تھی
میں نے بھی اک چراغ سا دل سرِ شام رکھ دیا
دیکھو یہ میرے خواب تھے دیکھو یہ میرے زخم ہیں
میں نے تو سب حسابِ جاں برسرِ عام رکھ دیا
اس نے نظر نظر میں ہی ایسے بھلے سخن کہے
میں نے تو اس کے پاؤں میں سارا کلام رکھ دیا
شدتِ تشنگی میں بھی غیرتِ مے کشی رہی
اس نے جو پھیر لی نظر میں‌نے بھی جام رکھ دیا
اب کے بہار نے بھی کیں ایسی شرارتیں کہ بس
کبکِ دری کی چال میں تیرا خرام رکھ دیا
جو بھی ملا اسی کا دل حلقہ بگوشِ یار تھا
اس نے تو سارے شہر کو کر کے غلام رکھ دیا
اور فراز چاہئیں کتنی محبتیں تجھے
ماؤں نے تیرے نام پر بچوں کا نام رکھ دیا
احمد فراز

میں میزبان تھا مجھے مہمان کر دیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 27
اُس کی نوازشوں نے تو حیران کر دیا
میں میزبان تھا مجھے مہمان کر دیا
اک نو بہار ناز کے ہلکے سے لمس نے
میرے تو سارے جسم کو گلدان کر دیا
کل اک نگار شہر سبا نے بہ لطف خاص
مجھ سے فقیر کو بھی سلیمان کر دیا
جینے سے اس قدر بھی لگاؤ نہ تھا مجھے
تو نے تو زندگی کو، میری جان کر دیا
نا آشنائے لُطف تصادم کو کیا خبر
میں نے ہوا کی زد پہ رکھا جان کر دیا
اتنے سکوں کے دن کبھی دیکھے نہ تھے فراز
آسودگی نے مجھ کو پریشان کر دیا
احمد فراز

کہیں‌زخم بیچ میں‌ آ گئے کہیں‌شعر کوئی سنا دیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 26
وہی عشق جو تھا کبھی جنوں اسے روزگار بنا دیا
کہیں‌زخم بیچ میں‌ آ گئے کہیں‌شعر کوئی سنا دیا
وہی ہم کہ جن کو عزیز تھی درِ آبرو کی چمک دمک
یہی ہم کہ روزِ سیاہ میں‌ زرِ داغِ دل بھی لٹا دیا
کبھی یوں‌بھی تھا کہ ہزار تیر جگر میں‌تھے تو دکھی نہ تھے
مگر اب یہ ہے کسی مہرباں کے تپاک نے بھی رلا دیا
کبھی خود کو ٹوٹتے پھوٹتے بھی جو دیکھتے تو حزیں‌نہ تھے
مگر آج خود پہ نظر پڑی تو شکستِ جاں نے بلا دیا
کوئی نامہ دلبرِ شہر کا کہ غزل گری کا بہانہ ہو
وہی حرف دل جسے مدتوں سے ہم اہلِ دل نے بھلا دیا
احمد فراز

آج کیا جانیے کیا یاد آیا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 25
جو بھی دکھ یاد نہ تھا یاد آیا
آج کیا جانیے کیا یاد آیا
پھر کوئی ہاتھ ہے دل پر جیسے
پھر ترا عہد وفا یاد آیا
جس طرح دھند میں‌لپٹے ہوئے پھول
ایک اک نقش ترا یاد آیا
ایسی مجبوری کے عالم میں‌ کوئی
یاد آیا بھی تو کیا یاد آیا
اے رفیقو سر منزل جا کر
کیا کوئی آبلہ پا یاد آیا
یاد آیا تھا بچھڑنا تیرا
پھر نہیں‌ یاد کہ کیا یاد آیا
جب کوئی زخم بھرا داغ بنا
جب کوئی بھول گیا یاد آیا
یہ محبت بھی ہے کیا روگ فراز
جس کو بھولے وہ سدا یاد آیا
احمد فراز

اک شعر بھی غزل میں اضافی نہیں کہا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 24
کوئی سخن برائے قوافی نہیں ‌کہا
اک شعر بھی غزل میں اضافی نہیں کہا
ہم اہلِ صدق جرم پہ نادم نہیں رہے
مر مِٹ گئے پہ حرفِ معافی نہیں کہا
آشوبِ‌ زندگی تھا کہ اندوہ عاشقی
اک غم کو دوسرے کی تلافی نہیں کہا
ہم نے خیالِ یار میں کیا کیا غزل کہی
پھر بھی یہی گُماں ہے کہ کافی نہیں کہا
بس یہ کہا تھا دل کی دوا ہے مغاں کے پاس
ہم نے کبھی شراب کو شافی نہیں کہا
پہلے تو دل کی بات نہ لائے زبان پر
پھر کوئی حرف دل کے منافی نہیں کہا
اُس بے وفا سے ہم نے شکایت نہ کی فراز
عادت کو اُس کی وعدہ خلافی نہیں کہا
احمد فراز

جیسے اک فتنہ بیدار، رواں خواب میں تھا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 23
جانے نشّے میں کہ وہ آفت جاں خواب میں تھا
جیسے اک فتنہ بیدار، رواں خواب میں تھا
وہ سرِ شام، سمندر کا کنارا، ترا ساتھ
اب تو لگتا ہے کہ جیسے یہ سماں خواب میں تھا
جیسے یادوں کا دریچہ کوئی وا رہ جائے
اک ستارہ مری جانب نگراں خواب میں تھا
جب کھلی آنکھ تو میں تھا مری تنہائی تھی
وہ جو تھا قافلۂ ہمسفراں خواب میں تھا
ایسے قاتل کو کوئی ہاتھ لگاتا ہے فراز
شکر کر شکر کہ وہ دشمنِ جاں خواب میں تھا
احمد فراز

مگر کچھ اور ہی انداز آج اس کا تھا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 22
گئے دنوں میں محبت مزاج اس کا تھا
مگر کچھ اور ہی انداز آج اس کا تھا
وہ شہر یار جب اقلیم حرف میں آیا
تو میرا دست نگر تخت و تاج اس کا تھا
میں کیا بتاؤں کہ کیوں اس نے بے وفائی کی
مگر یہی کہ کچھ ایسا مزاج اس کا تھا
لہو لہان تھا میں اور عدل کی میزان
جھکی تھی جانبِ قاتل کہ راج اس کا تھا
تجھے گلہ ہے کہ دنیا نے پھیر لیں‌ آنکھیں
فراز یہ تو سدا سے رواج اس کا تھا
احمد فراز

وہ میرے جھوٹ سے خوش تھا نہ سچ پہ راضی تھا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 21
شعار اپنا ہی جس کا بہانہ سازی تھا
وہ میرے جھوٹ سے خوش تھا نہ سچ پہ راضی تھا
تمام عمر اسی کے رہے یہ کیا کم ہے
بلا سے عشق حقیقی نہ تھا مجازی تھا
یہ دو دلوں کی قرابت بڑی گواہی ہے
سو کیا ہوا کوئی شاہد نہ تھا نہ قاضی تھا
نہ طنز کر کے کئی بار کہہ چکا تجھ سے
وہ میری پہلی محبت تو میرا ماضی تھا
نہ دوست یار، نہ ناصح، نہ نامہ بر، نہ رقیب
بلا کشانِ محبت سے کون راضی تھا
یہ گل شدہ سی جو شمعیں دکھائی دیتی ہیں
ہنر ان آنکھوں کا آگے ستارہ سازی تھا
عدو کے سامنے ہتھیار ڈالنے والا
کوئی فراز سا کافر نہیں تھا غازی تھا
احمد فراز

مدتوں کے بعد کوئی ہمسفر اچھا لگا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 20
گفتگو اچھی لگی ذوقِ نظر اچھا لگا
مدتوں کے بعد کوئی ہمسفر اچھا لگا
دل کا دکھ جانا تو دل کا مسئلہ ہے پر ہمیں
اُس کا ہنس دینا ہمارے حال پر اچھا لگا
ہر طرح کی بے سر و سامانیوں کے باوجود
آج وہ آیا تو مجھ کو اپنا گھر اچھا لگا
باغباں گلچیں کو چاہے جو کہے ہم کو تو پھول
شاخ سے بڑھ کر کفِ دلدار پر اچھا لگا
کون مقتل میں نہ پہنچا کون ظالم تھا جسے
تیغِ قاتل سے زیادہ اپنا سر اچھا لگا
ہم بھی قائل ہیں وفا میں استواری کے مگر
کوئی پوچھے کون کس کو عمر بھر اچھا لگا
اپنی اپنی چاہتیں ہیں لوگ اب جو بھی کہیں
اک پری پیکر کو اک آشفتہ سر اچھا لگا
میر کے مانند اکثر زیست کرتا تھا فراز
تھا تو وہ دیوانہ سا شاعر مگر اچھا لگا
احمد فراز

وقت کا کیا ہے، گزرتا ہے گزر جائے گا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 19
آنکھ سے دور نہ ہو دل سے اتر جائے گا
وقت کا کیا ہے، گزرتا ہے گزر جائے گا
اتنا مانوس نہ ہو خلوتِ غم سے اپنی
تو کبھی خود کو بھی دیکھے گا تو ڈر جائے گا
تم سرِ راہِ وفا دیکھتے رہ جاؤ گے
اور وہ بامِ رفاقت سے اتر جائے گا
زندگی تیری عطا ہے تو یہ جانے والا
تیری بخشش تری دہلیز پہ دھر جائے گا
ڈوبتے ڈوبتے کشتی کو اچھالا دے دوں
میں نہیں، کوئی تو ساحل پہ اتر جائے گا
ضبط لازم ہے مگر دکھ ہے قیامت کا فراز
ظالم اب کے بھی نہ روۓ گا تو مر جائے گا
احمد فراز

جب اپنے طور یہی تھے تو کیا گلہ اس کا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 18
مزاج ہم سے زیادہ جدا نہ تھا اس کا
جب اپنے طور یہی تھے تو کیا گلہ اس کا
وہ اپنے زعم میں تھا، بے خبر رہا مجھ سے
اسے گماں بھی نہیں میں نہیں رہا اس کا
وہ برق رو تھا مگر رہ گیا کہاں جانے
اب انتظار کریں گے شکستہ پا اس کا
چلو یہ سیل بلا خیز ہی بنے اپنا
سفینہ اس کا، خدا اس کا، ناخدا اس کا
یہ اہل درد بھی کس کی دہائی دیتے ہیں
وہ چپ بھی ہو تو زمانہ ہے ہمنوا اس کا
ہمیں نے ترک تعلق میں پہل کی کہ فراز
وہ چاہتا تھا مگر حوصلہ نہ تھا اس کا
احمد فراز

بات کر تجھ پر گماں ہونے لگا تصویر کا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 17
منتظر کب سے تحیر ہے تری تقریر کا
بات کر، تجھ پر گماں ہونے لگا تصویر کا
رات کیا سویا کہ باقی عمر کی نیند اڑ گئی
خواب کیا دیکھا کہ دھڑکا لگ گیا تعبیر کا
جس طرح بادل کا سایہ پیاس بھڑکاتا رہے
میں نے وہ عالم بھی دیکھا ہے تری تصویر کا
کس طرح پایا تجھے پھر کس طرح کھویا تجھے
مجھ سا منکر بھی تو قائل ہو گیا تقدیر کا
عشق میں سر پھوڑنا بھی کیا کہ یہ بے مہر لوگ
جوئے خوں کو نام دے دیتے ہیں جوئے شیر کا
جس کو بھی چاہا اسے شدت سے چاہا ہے فراز
سلسلہ ٹوٹا نہیں ہے درد کی زنجیر کا
احمد فراز

کوئی نامہ نہ ترے در بدروں تک پہنچا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 16
جو بھی قاصد تھا وہ غیروں کے گھروں تک پہنچا
کوئی نامہ نہ ترے در بدروں تک پہنچا
مجھ کو مٹی کیا تو نے تو یہ احسان بھی کر
کہ مری خاک کو اب کوزہ گروں تک پہنچا
تو مہ و مہر لئے ہے مگر اے دستِ کریم
کوئی جگنو بھی نہ تاریک گھروں تک پہنچا
دل بڑی چیز تھا بازارِ محبت میں کبھی
اب یہ سودا بھی مری جان، سروں تک پہنچا
اتنے ناصح ملے رستے میں کہ توبہ توبہ
بڑی مشکل سے میں شوریدہ سروں تک پہنچا
اہلِ دنیا نے تجھی کو نہیں لوٹا ہے فراز
جو بھی تھا صاحبِ دل، مفت بروں تک پہنچا
احمد فراز

اب کیا کہیں یہ قصہ پرانا بہت ہوا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 15
اُس کو جُدا ہوئے بھی زمانہ بہت ہوا
اب کیا کہیں یہ قصہ پرانا بہت ہوا
ڈھلتی نہ تھی کسی بھی جتن سے شبِ فراق
اے مرگِ ناگہاں! تیرا آنا بہت ہوا
ہم خُلد سے نکل تو گئے ہیں پر اے خدا
اتنے سے واقعے کا فسانہ بہت ہوا
اب ہم ہیں اور سارے زمانے کی دشمنی
اُس سے ذرا سا ربط بڑھانا بہت ہوا
اب کیوں نہ زندگی پہ محبت کو وار دیں
اس عاشقی میں جان سے جانا بہت ہوا
اب تک تو دل کا دل سے تعارف نہ ہو سکا
مانا کہ اس سے ملنا ملانا بہت ہوا
کیا کیا نہ ہم خراب ہوئے ہیں مگر یہ دل
اے یادِ یار تیرا ٹھکانہ بہت ہوا
کہتا تھا ناصحوں سے میرے منہ نہ آئیو
پھر کیا تھا ایک ہُو کا بہانہ بہت ہوا
لو پھر تیرے لبوں پہ اسی بے وفا کا ذکر
احمد فراز! تجھ سے کہا نا، بہت ہوا
احمد فراز

یہ کیا کہ دل کو ہمیشہ اداس کر لانا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 14
جہاں بھی جانا تو آنکھوں میں خواب بھر لانا
یہ کیا کہ دل کو ہمیشہ اداس کر لانا
میں برف برف رُتوں میں چلا تو اس نے کہا
پلٹ کے آنا تو کشتی میں دھوپ بھر لانا
بھلی لگی ہمیں خوش قامتی کسی کی مگر
نصیب میں کہاں اس سرو کا ثمر لانا
پیام کیسا مگر ہو سکے تو اے قاصد
کبھی کوئی خبر یارِ بے خبر لانا
فراز اب کے جب آؤ دیارِ جاناں میں
بجائے تحفۂ دل ارمغانِ سر لانا
احمد فراز

مجھے گماں بھی نہ ہو اور تم بدل جانا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 13
جو چل سکو تو کوئی ایسی چال چل جانا
مجھے گماں بھی نہ ہو اور تم بدل جانا
یہ شعلگی ہو بدن کی تو کیا کیا جائے
سو لازمی تھا ترے پیرہن کا جل جانا
تمہیں کرو کوئی درماں، یہ وقت آ پہنچا
کہ اب تو چارہ گروں کو بھی ہاتھ مل جانا
ابھی ابھی تو جدائی کی شام آئی تھی
ہمیں عجیب لگا زندگی کا ڈھل جانا
سجی سجائی ہوئی موت زندگی تو نہیں
مورّخوں نے مقابر کو بھی محل جانا
یہ کیا کہ تو بھی اسی ساعتِ زوال میں ہے
کہ جس طرح ہے سبھی سورجوں کو ڈھل جانا
ہر ایک عشق کے بعد اور اس کے عشق کے بعد
فراز اتنا بھی آساں نہ تھا سنبھل جانا
احمد فراز

قرعۂ فال مرے نام کا اکثر نکلا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 12
میں تو مقتل میں بھی قسمت کا سکندر نکلا
قرعۂ فال مرے نام کا اکثر نکلا
تھا جنہیں ز عم وہ دریا بھی مجھی میں ڈوبے
میں کہ صحرا نظر آتا تھا سمندر نکلا
میں نے اس جان بہاراں کو بہت یاد کیا
جب کوئی پھول مری شاخ ہنر پر نکلا
شہر والوں کی محبت کا میں قائل ہوں مگر
میں نے جس ہاتھ کو چوما وہی خنجر نکلا
احمد فراز

وہی انداز ہے ظالم کا زمانے والا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 11
دوست بن کر بھی نہیں ساتھ نبھانے والا
وہی انداز ہے ظالم کا زمانے والا
اب اسے لوگ سمجھتے ہیں گرفتار مرا
سخت نادم ہے مجھے دام میں لانے والا
صبح دم چھوڑ گیا نکہتِ گل کی صورت
رات کو غنچۂ دل میں سمٹ آنے والا
کیا کہیں کتنے مراسم تھے ہمارے اس سے
وہ جو اک شخص ہے منہ پھیر کے جانے والا
تیرے ہوتے ہوئے آ جاتی تھی ساری دنیا
آج تنہا ہوں تو کوئی نہیں آنے والا
منتظر کس کا ہوں ٹوٹی ہوئی دہلیز پہ میں
کون آئے گا یہاں کون ہے آنے والا
کیا خبر تھی جو مری جاں میں گھلا ہے اتنا
ہے وہی مجھ کو سرِ دار بھی لانے والا
میں نے دیکھا ہے بہاروں میں چمن کو جلتے
ہے کوئی خواب کی تعبیر بتانے والا
تم تکلف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فراز
دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا
احمد فراز

تھی طلب کس کو مگر ابر کہاں جا برسا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 10
تپتے صحراؤں پہ گرجا، سرِ دریا برسا
تھی طلب کس کو مگر ابر کہاں جا برسا
کتنے طوفانوں کی حامل تھی لہو کی اک بوند
دل میں اک لہر اٹھی، آنکھ سے دریا برسا
کوئی غرقاب، کوئی ماہیِ بے آب ہوا
ابرِ بے فیض جو برسا بھی تو کیسا برسا
چڑھتے دریاؤں میں طوفان اٹھانے والے
چند بوندیں ہی سرِ دامنِ صحرا برسا
طنز ہیں سوختہ جانوں پہ گرجتے بادل
یا تو گھنگھور گھٹائیں نہ اٹھا، یا برسا
ابر و باراں کے خدا، جھومتا بادل نہ سہی
آگ ہی اب سرِ گلزارِ تمنا برسا
اپنی قسمت کہ گھٹاؤں میں بھی جلتے ہیں فراز
اور جہاں وہ ہیں وہاں ابر کا سایہ برسا
احمد فراز

اب ذہن میں نہیں ہے پرنام تھا بھلا سا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 9
برسوں کے بعد دیکھا اک شخص دلربا سا
اب ذہن میں نہیں ہے پر، نام تھا بھلا سا
ابرو کھچے کھچے سے آنکھیں جھکی جھکی سی
باتیں رکی رکی سی، لہجہ تھکا تھکا سا
الفاظ تھے کہ جگنو آواز کے سفر میں
بن جائے جنگلوں میں جس طرح راستہ سا
خوابوں میں خواب اس کے یادوں میں یاد اس کی
نیندوں میں گھل گیا ہو جیسے کہ رتجگا سا
پہلے بھی لوگ آئے کتنے ہی زندگی میں
وہ ہر طرح سے لیکن اوروں سے تھا جدا سا
اگلی محبتوں نے وہ نا مرادیاں دیں
تازہ رفاقتوں سے دل تھا ڈرا ڈرا سا
کچھ یہ کہ مدتوں سے ہم بھی نہیں تھے روئے
کچھ زہر میں بُجھا تھا احباب کا دلاسا
پھر یوں ہوا کے ساون آنکھوں میں آ بسے تھے
پھر یوں ہوا کہ جیسے دل بھی تھا آبلہ سا
اب سچ کہیں تو یارو ہم کو خبر نہیں تھی
بن جائے گا قیامت اک واقعہ ذرا سا
تیور تھے بے رُخی کے انداز دوستی کے
وہ اجنبی تھا لیکن لگتا تھا آشنا سا
ہم دشت تھے کہ دریا ہم زہر تھے کہ امرت
ناحق تھا زعم ہم کو جب وہ نہیں تھا پیاسا
ہم نے بھی اُس کو دیکھا کل شام اتفاقاً
اپنا بھی حال ہے اب لوگو فراز کا سا
احمد فراز

اتنا بھی کہا نہ مان میرا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 8
تجھ پر بھی نہ ہو گمان میرا
اتنا بھی کہا نہ مان میرا
میں دکھتے ہوئے دلوں کا عیسیٰ
اور جسم لہو لہان میرا
کچھ روشنی شہر کو ملی تو
جلتا ہے جلے مکاں میرا
یہ ذات یہ کائنات کیا ہے
تو جان مری جہان میرا
تو آیا تو کب پلٹ کے آیا
جب ٹوٹ چکا تھا مان میرا
جو کچھ بھی ہوا یہی بہت ہے
تجھ کو بھی رہا ہے دھیان میرا
احمد فراز

وہ تو کوئی دریا لے آیا دریا بھی سیلاب بھرا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 7
دکھ کی دو اک برساتوں سے کب یہ دل پایاب بھرا
وہ تو کوئی دریا لے آیا دریا بھی سیلاب بھرا
سوچا تھا غم کو غم کاٹے زہر کا زہر بنے تریاق
اب دل آبلہ آبلہ ہے اور شیشئِہ جاں زہراب بھرا
تم آ جاتے تو اس رات کی عمر بھی لمبی ہو جاتی
ابھی تھا دیواروں پر سبزہ ابھی تھا صحن گلاب بھرا
جانے ہجر کی رات کہ وصل کی رات گزار کے آئے ہو
آنکھیں نیندوں نیند بھری ہیں جسم ہے خوابوں خواب بھرا
احمد فراز

اگر چلا ہے تو جو کچھ مجھے دیا لے جا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 6
وفا کے خواب، محبت کا آسرا لے جا
اگر چلا ہے تو جو کچھ مجھے دیا لے جا
مقامِ سُود و زیاں آ گیا ہے پھر جاناں
یہ زخم میرے سہی، تِیر تو اٹھا لے جا
یہی ہے قسمتِ صحرا، یہی کرم تیرا
کہ بوند بوند عطا کر، گھٹا گھٹا لے جا
غرورِ دوست سے اتنا بھی دل شکستہ نہ ہو
پھر اس کے سامنے دامانِ التجا لے جا
ندامتیں ہوں تو سر بارِ دوش ہوتا ہے
فراز جاں کے عوض آبرو بچا لے جا
احمد فراز

فراز اور اسے حال دل سنانے جا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 5
کہا تھا کس نے تجھے آبرو گنوانے جا
فراز اور اسے حال دل سنانے جا
کل اک فقیر نے کس سادگی سے مجھ سے کہا
تری جبیں کو بھی ترسیں گے آستانے جا
اسے بھی ہم نے گنوایا تری خوشی کے لئے
تجھے بھی دیکھ لیا ہے ارے زمانے جا
بہت ہے دولت پندار پھر بھی دیوانے
جو تجھ سے روٹھ چکا ہے اسے منانے جا
سنا ہے اس نے سوئمبر کی رسم تازہ کی
فراز تو بھی مقدر کو آزمانے جا
احمد فراز

کاش منزل سے بھی آگے کوئی رستا جاتا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 4
ایک دیوانہ یہ کہتے ہوئے ہنستا جاتا
کاش منزل سے بھی آگے کوئی رستا جاتا
اے میرے ابر گریزاں مری آنکھوں کی طرح
گر برسنا ہی تجھے تھا تو برستا جاتا
آج تک یاد ہے اظہار محبت کا وہ پل
کہ مری بات کی لکنت پہ وہ ہنستا جاتا
اتنے محدود کرم سے تو تغافل بہتر
گر ترسنا ہی مجھے تھا تو ترستا جاتا
احمد فراز

بڑا اداس سماں ہے قریب آ جاؤ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 3
سکوتِ شامِ خزاں ہے قریب آ جاؤ
بڑا اداس سماں ہے قریب آ جاؤ
نہ تم کو خود پہ بھروسا نہ ہم کو زعمِ وفا
نہ اعتبارِ جہاں ہے قریب آ جاؤ
رہِ طلب میں کسی کو کسی کا دھیان نہیں
ہجومِ ہم سفراں ہے قریب آ جاؤ
جو دشتِ عشق میں بچھڑے وہ عمر بھر نہ ملے
یہاں دھواں ہی دھواں ہے قریب آ جاؤ
یہ آندھیاں ہیں تو شہرِ وفا کی خیر نہیں
زمانہ خاک فشاں ہے قریب آ جاؤ
فقیہِ شہر کی مجلس نہیں کہ دور رہو
یہ بزمِ پیرِ مغاں ہے قریب آ جاؤ
فراز دور کے سورج غروب سمجھے گئے
یہ دورِ کم نظراں ہے قریب آ جاؤ
احمد فراز

آ پھر سے مجھے چھوڑ کے جانے کے لئے آ

احمد فراز ۔ غزل نمبر 2
رنجش ہی سہی دل ہی دکھانے کے لئے آ
آ پھر سے مجھے چھوڑ کے جانے کے لئے آ
کچھ تو مرے پندار محبت کا بھرم رکھ
تو بھی تو کبھی مجھ کو منانے کے لئے آ
پہلے سے مراسم نہ سہی پھر بھی کبھی تو
رسم و رہِ دنیا ہی نبھانے کے لئے آ
کس کس کو بتائیں گے جدائی کا سبب ہم
تو مجھ سے خفا ہے تو زمانے کے لئے آ
اک عمر سے ہوں لذت گریہ سے بھی محروم
اے راحت جاں مجھ کو رلانے کے لئے آ
اب تک دل خوش فہم کو تجھ سے ہیں امیدیں
یہ آخری شمعیں بھی بجھانے کے لئے آ
احمد فراز

وہ قحطِ عشق کہ دشوار ہو گیا جینا

احمد فراز ۔ غزل نمبر 1
نہ کوئی تازہ رفاقت نہ یارِ دیرینہ
وہ قحطِ عشق کہ دشوار ہو گیا جینا
مرے چراغ تو سورج کے ہم نسَب نکلے
غلط تھا اب کے تری آندھیوں کا تخمینہ
یہ زخم کھائیو سر پر بپاسِ دستِ سبُو
وہ سنگِ محتسب آیا، بچائیو مینا
تمھیں بھی ہجر کا دکھ ہے نہ قُرب کی خواہش
سنو کہ بھول چکے ہم بھی عہدِ پارینہ
چلو کہ بادہ گساروں کو سنگسار کریں
چلو کہ ٹھہرا ہے کارِ ثواب خوں پینا
اس ایک شخص کی سج دھج غضب کی تھی کہ فراز
میں دیکھتا تھا، اسے دیکھتا تھا آئینہ
احمد فراز

یقیں سرشت شاعری از خواجہ رضیؔ حیدر

میں گزشتہ دو ماہ سے عرفان ستار کی شاعری پر گفتگو کے لیے ذہن کو راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہوں مگر ذہن ہے کہ وہ ہنوز یکسوئی سے محروم ہے۔ عرفان ستار کا مصرعہ لکھنے کا ڈھب، خیال کی بندش، موضوعات کا تنوع، اشاراتی معنویت، محسوساتی نظام، الفاظ کا انتخاب اور پھر ان الفاظ سے ایک آہنگ کی نموداری جیسے متعدد خیالات میرے ذہن میں تشکیلی مراحل طے کرتے رہے اور میں خوش ہوتا رہا کہ جس وقت بھی قلم کاغذ لے کر بیٹھوں گا مضمون لکھ دوں گا۔ مگر اب قلم کاغذ ہاتھ میں آیا تو معلوم ہوا کہ اظہار کے حوالے سے انگلیوں میں سناٹا منجمد اور ذہن میں خیالات کم آواز ہیں۔ یہ صورتحال میرے ساتھ پہلی مرتبہ پیش آئی ہے ورنہ میری ذود نویسی تو بطور طعنہ میرے احباب میں معروف رہی ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ ایسا کیوں ہے؟ کیا عرفان ستار سے میری قریبی رفاقت کی بنا پر ایسا ہے اور کیا اس رفاقت نے اظہار کے لمحے میں عرفانؔ ستار کی شاعرانہ صلاحیتوں کی کہکشاں کو میری نگاہ میں دھندلا دیا ہے؟ کیا ان کی شاعری کے بانکپن تک رسائی کے لیے دوری کی شرط قابلِ اعتنا ہے؟ میں سوالات کے ایک ہجوم میں سر نہوڑائے بیٹھا ہوا سوچ رہا ہوں کہ میں کیا لکھوں اور لکھوں بھی تو کہاں سے آغاز کروں۔

گزشہ آٹھ سال کے دوران میں نے عرفان ستار کی جو شاعری پڑھی اور سنی ہے اور جس شاعری کو میں کسی نوجوان شاعر کی موثر و تہہ دار شاعری قرار دیتا رہا ہوں کیا وہ میرے اندر اپنی کوئی توضیح نہیں رکھتی، یا پھر کیا میری اظہاری صلاحیت محجوب ہو گئی ہے اور میں اپنی مبادیات میں معطل ہو گیا ہوں۔ مگر پھر مجھے خیال آتا ہے کہ ایسا نہیں ہے کیونکہ ادھر گزشتہ پندرہ دن کے اندر میں نے مذہبی، تاریخی اور ادبی موضوعات پر کئی مضامین لکھے ہیں اور ان مضامین کے اندازِ تحریر و مندرجات کے حوالے سے تحسین آمیز جملے بھی مجھ تک پہنچے ہیں۔ بس عرفانؔ ستار کے باب میں میرا قلم بھی خاموش ہے اور ذہن بھی۔۔۔۔۔۔میں خود سے بارہا سوال کرتا ہوں کہ کہیں میں نے عجلت میں عرفانؔ ستار کی شاعری کے بارے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار تو نہیں کیا تھا، یا عرفانؔ ستار سے رفاقت کی بنا پر کسی مصلحت آثار لمحے نے میری صداقت کو میرے اظہار سے بے دخل تو نہیں کر دیا تھا۔۔۔۔۔۔ان سوالات کے جواب میں ہر مرتبہ غزل کے کئی ثقہ اور صاحبِ طرز شعراء کے چہرے میری آنکھوں میں لَو دینے لگتے ہیں۔

جونؔ ایلیا، محبؔ عارفی، احمد ہمدانیؔ، قمرؔ جمیل، رساؔ چغتائی، انور شعورؔ، عرفانؔ صدیقی، خالدؔ احمد، احمد جاویدؔ، اور اجملؔ سراج کے تحسین آمیز جملے میری سماعت میں گونجنے لگتے ہیں۔

نگارؔ صہبائی، ڈاکٹر اسلمؔ فرخّی، نسیم درانی، عبداللہ جاویدؔ، قیصرؔ عالم، آصف فرخی، اور عتیقؔ جیلانی کی عرفانؔ ستار کے اشعار کی پذیرائی میں داد و تحسین مجھے اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اور میں مطمئن ہو جاتا ہوں کہ میں نے عرفانؔ ستار کے شاعر ہونے کی پہلے مرحلے میں جو تصدیق کی تھی وہ گماں زاد نہیں بلکہ یقیں سرشت تھی۔ پھر ہوا یہ کہ عرفان ستار نے بھی اپنی تخلیقی ذہانت کو شعر کے حوالے سے اس قدر فروح دیا کہ بعض بے تربیت اساتذہ کی مفخّر و مکلّف گردنیں اپنے ہی شانوں پر جھول گئیں۔ مجھے یاد آیا کہ جونؔ ایلیا نے پہلی ملاقات میں جب عرفانؔ ستار سے اپنی مخصوص ترنگ میں کہا تھا کہ ’’ میاں وہ شخص شاعر ہو ہی نہیں سکتا جسے جونؔ ایلیا کے اشعار یاد نہ ہوں‘‘ تو عرفانؔ ستار نے ایک سانس میں ان کے تیس پینتیس شعر سنا دیے تھے اور انہوں نے جواباً کہا تھا کہ ’’ میاں عرفان۔ اب اگر تم اپنے شعر نہ بھی سنائو تو ہم کہہ رہے ہیں کہ تم شاعر ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیونکہ تم نے بہترین تلفّظ کے ساتھ ہمیں ہمارے وہ اشعار سنائے ہیں جو ہمیں خود بہت پسند ہیں۔‘‘

میرؔ و غالبؔ اور فیضؔ و فراقؔ تو اپنی جگہ عرفانؔ ستار نے ہر اُس شاعر کا مطالعہ کیاہے جو رحجان ساز ہے یا جس میں انفرادی لب و لہجے کا کوئی امکان موجود ہے۔یہی نہیں، عرفانؔ نے اردو کے قدیم و جدید نثری ادب کے علاوہ مذہبیات اور مغربی ادب و فلسفے کے مطالعے سے بھی اپنی فکری توسیع کی ہے جس کی بنا پر عرفانؔ ستار کی غزل اپنے موضوعات اور اظہار میں ایک امتزاجی مزاج لیے ہوئے ہے۔ صنفی تقاضوں اور فنی لوازم کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے عرفانؔ نے نہ صرف موضوعات کی مخفی ندرت کو تلاش کیا بلکہ ایک پُر تاثیر محسوساتی اور اسلوبی وضع بھی اختراع کی ہے۔ اُن کا مصرعہ لکھنے کا طور عامیانہ نہیں خلّاقانہ ہے یہی وجہ ہے کہ اُن کے ہاں لفظ مقصود بالذّات نہیں بلکہ معنویت اور متخیلہ کی ایک بلیغ ترسیل کا وسیلہ ہیں۔ یہ ایک کُھلی ہوئی حقیقت ہے کہ جدیدیت کی پیروی میں بیسوی صدی کے نصف آخر کے دوران غزل میں جو تجربات ہوئے اُن میں خیال سے زیادہ لفظ پر انحصار کیا گیا جس کی بنا پر بوجھل اور مہمل شاعری کو رواج ملا اور غزل کسی حد تک نہ صرف ذود فہمی کی صلاحیت سے محروم ہوئی بلکہ قاری سے اُس کا ابلاغی رابطہ بھی مجروح ہوا۔

عرفانؔ ستار نے بیسوی صدی کے آخری عشرہ کے نصف آخر میں جب باقاعدہ شعر گوئی کا آغاز کیا تو اُن سے ایک سیڑھی اوپر جو غزل لکھی جا رہی تھی وہ کسی حد تک اپنی لفظیات میں بھی اور موضوعات میں بھی نہ صرف غیر شخصی تھی بلکہ الفاظ کا برتائو بھی غیر تخلیقی اور اتباعی تھا۔ چنانچہ عرفانؔ ستار نے اپنا قبلہ درست رکھنے کے لیے سوچتی ہوئی استفہامیہ زمینوں کے اہتمام کے ساتھ مترنم بحروں میں اپنی ہمہ جہت تخلیقی ذہانت کو بھی اس قدر صیقل کیا کہ اُن کی شاعری ایک خلّاقابہ حُسن سے ہمکنار ہو گئی۔ اسی خلّاقانہ حُسن کے سہارے وہ اپنے قاری کو انسانی احساسات کی ایک ایسی فضا میں لے جاتے ہیں جہاں شاعر کا ہر تجربہ قاری کے تجربے کا غماز ہو جاتا ہے۔ عرفانؔ ستار کے محسوساتی نظام کی اساس محبت کی لا حاصلی پر ہے ۔ لا حاصلی اپنی تاثیر میں چونکہ الم انگیز ہوتی ہے اس لیے اکثر شعراء اس الم انگیزی کو ہی اپنے تجربے کی اساس بنا لیتے ہیں۔ لیکن جن شعراء کے یہاں تخلیقی ذہانت متخیلہ سے جڑی ہوئی ہوتی ہے وہ اس الم انگیزی میں نشاط کا ایک ایسا پیوند لگا دیتے ہیں کہ یہ الم انگیزی جہاں ایک عمومی تجربہ بن کر ظاہر ہوتی ہے وہاں رسائی میں نا رسائی کا احساس شاعر کی اپنی ذات میں دو آتشہ ہو جاتا ہے۔

سنا رہے ہو ہمیں کس نگاہِ ناز کے غم

ہم اُس کے سامنے ہوتے تو پوچھتی بھی نہیں

تعلق کی یہی صورت رہے گی کیا ہمیشہ

میں اب اُکتا چکا ہوں تیری اس وارفتگی سے

عجیب ہے یہ مری لا تعلقی جیسے

جو کر رہا ہوں بسر میری زندگی ہی نہ ہو

مسلسل قرب نے کیسا بدل ڈالا ہے تجھ کو

وہی لہجہ، وہی ناز و ادا ہوتے ہوئے بھی

حُسن تیرا بہت جاں فزا ہی سہی، خوش نظر ہی سہی خوش ادا ہی سہی

سُن مگر دل رُبا تیرا نغمہ سرا، دیکھتا ہی نہیں سوچتا بھی تو ہے

کبھی تو چند لمحے خود سے بھی باہر بسر کر لوں

ذرا دیکھوں تو وحشت کی فراوانی کہاں تک ہے

جانے ہے کس کی اداسی مری وحشت کی شریک

مجھ کو معلوم نہیں کون یہاں تھا پہلے

بے خوابی کے سائے میں جب دو آنکھیں بے عکس ہوئیں

خاموشی نے وحشت کی تصویر اٹھا کر رقص کیا

یا مجھ سے گزاری نہ گئی عمرِ گریزاں

یا عمرِ گریزاں سے گزارا نہ گیا میں

ہجر کا عیش کہاں ہے مری قسمت میں کہ اب

زندگی رنج بہ اندازِ دگر کھینچتی ہے

تعلقات کے برزخ میں عین ممکن ہے

ذرا سا دُکھ وہ مجھے دے تو میں ترا ہو جاؤں

خرد کی سادگی دیکھو کہ ظاہر حالتوں سے

مری وحشت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے

جدید انسان چونکہ حال اور مستقبل سے جڑ کر چلتا ہے، اس لیے وہ ماضی کے کسی تجربے کو اپنا مطمعِ نظر نہیں بناتا۔ وہ کسی انتہائی تجربے اور کسی دیرپا کیفیت کی تلاش و جستجو میں رہتا ہے۔ وجود اور وجدان کی یکجائی اُس کا مسئلہ ہے۔ ایک لازوال تلاش و جستجو کی دائمی تشنگی اس کی فکر کو سیراب کرتی اور اسے حاصل سے انحراف پر آمادہ کرتی رہتی ہے۔ عرفانؔ ستار کی شاعری میں یہ انحراف ایک نامیاتی وحدت کے طور پر ہی موجود نہیں بلکہ ان کی تخلیقی ذہانت کا سر چشمہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کی ایسی لفظیات، تلازمے اور استعارے جوکسی بالذّات کیفیت کی نمائندگی کرتے ہیں ان کی اپنی معنویت میں قلبِ ماہیت ہو گئی ہے اور یہ اسی قلبِ ماہیت کا نتیجہ ہے کہ عرفانؔ ستار کے ہاں یکسانیت سے بے زاری کا اعلان اپنی کلیت میں ’’ تکرارِ ساعت‘‘ کے طور پر ظاہر ہوا ہے۔ عرفانؔ ستار تغیر اور تبدل کے محاصل سے آشنا رہتے ہوئے تغیر و تبدل کے بطون میں موجود ایک تسلسل ، اور اس تسلسل میں موجود مطلق یکسانیت کے محرکات و مدرکات پر غور کرتے ہیں اور پھر ایک بے زاری سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ یہ بے زاری زندگی کے مختلف شعبوں میں مروج اور نافذ عوامل اور اصولوں سے بیک وقت ہے ورنہ ’’ تکرارِ ساعت‘‘ کا اعلان بے معنی نظر آنے لگے گا۔ یہاں ایک وضاحت ضروری ہے کہ عرفانؔ ستار کی یہ بے زاری کسی نفسیاتی پیچیدگی

یا خالصتاً شکستِ شیشۂ دل کی پیداوار نہیں ہے۔ بلکہ جدید ترین صورتحال میں شخصی پھیلائو اور معدوم احساس کی بازیافت کا انعام ہے۔

ترا ہونا تو ہے بس ایک صورت کا اضافہ

ترے ہونے سے کیا تیری کمی کم ہو گئی ہے

اظہار میں جدید ہونا اور احساس میں جدید ہونا دو مختلف حالتیں ہیں، لیکن عرفانؔ ستار اپنی تخلیقی ذہانت کی بنا پر اظہار میں بھی جدید ہیں اور احساس میں بھی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ رسائی سے نا رسائی اور نا رسائی سے رسائی کشید کرتے رہتے ہیں۔ ’’تکرارِ ساعت‘‘ کی ترکیب اگرچہ بظاہر اپنی ہیت میں طبیعات کی کوئی اصطلاح معلوم دیتی ہے مگر عرفانؔ ستار کے محسوسات میں یہ ترکیب نہ صرف مابعدالطبیعات کی نمائندہ ہو گئی ہے بلکہ عرفانؔ ستار کے سماجی اور روحانی شعور کا ایک شعری اظہار ہے۔

میرے سوا بھی کوئی گرفتار مجھ میں ہے

یا پھر مرا وجود ہی بیزار مجھ میں ہے

یہاں تکرارِ ساعت کے سوا کیا رہ گیا ہے

مسلسل ایک حالت کے سوا کیا رہ گیا ہے

بہت ممکن ہے کچھ دن میں اسے ہم ترک کر دیں

تمہارا قرب عادت کے سوا کیا رہ گیا ہے

سرِ صحرائے یقیں شہرِ گماں چاہتے ہیں

ہم کسی شے کو بھی موجود کہاں چاہتے ہیں

گماں میں بھی گماں لگتی ہے اب تو زندگی میری

نظر آتا ہے اب وہ خواب میں بھی خواب سا مجھ کو

اپنا دل برباد کیا تو پھر یہ گھر آباد ہوا

پہلے میں اک عرش نشیں تھا اب پاتال میں زندہ ہوں

ڈرا رہا ہے مسلسل یہی سوال مجھے

گزار دیں گے یونہی کیا یہ ماہ و سال مجھے

زندگی کی نئی وسعتوں کا ادراک اور اپنے تخلیقی احساس میں اُن کا تجربہ جہاں کسی تخلیق کار کی محویت میں اضافہ کرتا ہے، وہاں اُس کے اندر ایسا استفہامی اضطراب پیدا کرتا ہے جو اُس کی باطنی کیفیات کو ہی زیر و زبر نہیں کرتا بلکہ اُسے ایک ایسی نوعی یکسانیت سے دوچار کردیتا ہے کہ وہ ظاہری و باطنی تمام اشیاء اور معاملات کی طرف سے ابتدائی مرحلے پر تشکیک کا شکار ہوتا ہے اور ثانوی طور پر ان سے بے زاری کا اعلان کرنے لگتا ہے۔ ایسی صورت میں خود مرکزیت بھی پیدا ہوتی ہے اور خود پسندی بھی۔ جن افراد کی تخلیقی ذہانت کُند ہوتی ہے وہ اس صورتحال سے خود رحمی میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں جو بلا شبہ ایک مرض ہے۔ جیسا میں نے پہلے عرض کیا کہ عرفانؔ ستار نے اپنی تخلیقی ذہانت کو مطالعے اور تفکر سے صیقل کیا ہے لہذا اُن کے ہاں شاعرانہ بے ساختگی و پُر کاری آگئی ہے اور انہوں نے استفہامی اضطراب کو اپنی تخلیقی ذہانت سے اس طرح جوڑ دیا ہے کہ اُن کی شاعری میں زندگی کی آگہی اور اُس کا تصرف ایک مزاج کے طور پر نمایاں ہو گیا ہے۔

میں کہیں ہوں کہ نہیں ہوں وہ کبھی تھا کہ نہ تھا

تو ہی کہہ دے یہ سخن بے سروپا ہے کہ نہیں

میں تو وارفتگی ٔ شوق میں جاتا ہوں ادھر

نہیں معلوم وہ آغوش بھی وا ہے کہ نہیں

سبھی زندہ ہیں اور سب کی طرح میں بھی ہوں زندہ

مگر جیسے کہیں سے زندگی کم ہو گئی ہے

یہ بے سبب نہیں سودا خلا نوردی کا

مسافرانِ عدم رہ گزر کو دیکھتے ہیں

سُن جاناں ہم ترکِ تعلق اور کسی دن کر لیں گے

آج تجھے بھی عجلت سی ہے ہم بھی کچھ رنجیدہ ہیں

تیری ہر دلیل بہت بجا، مگر انتظار بھی تا کجا

ذرا سوچ تو مرے رازداں، میری آدھی عمر گزر گئی

میں تجھ سے ساتھ بھی تو عمر بھر کا چاہتا تھا

سو اب تجھ سے گلہ بھی عمر بھر کا ہو گیا ہے

ہمارے ساتھ جب تک درد کی دھڑکن رہے گی

ترے پہلو میں ہونے کا گماں باقی رہے گا

کھینچ رہی تھی کوئی شے، ہم کو ہر ایک سمت سے

گردشِ بے مدار میں، عمر گزار دی گئی

ہمیں بھی روز جگاتی تھی آ کے ایک مہک

چمن میں کوئی ہمارا بھی تھا صبا کر کے

اس وقت رات کا ایک بج رہا ہے اور میں شام سے عرفانؔ ستار کی غزلوں پر مشتمل مجموعے کے مسودّے کو نہ صرف کئی بار پڑھ چکا ہوں بلکہ اب تو عرفانؔ ستار کے بہت سے شعر مجھے ازبر ہو چکے ہیں۔ یہی نہیں عرفان ستار کے بعض ایسے اشعار جو پہلی سماعت کے دوران اپنی معنویت مجھ پر واضح نہیں کر سکے تھے اب میری تفہیمی صلاحیت پر زیرِ الفاظ مسکرارہے ہیں اور میں کاغذ قلم سامنے رکھے ہوئے سوچ رہا ہوں کہ کیا میں کوئی مضمون لکھ کر عرفانؔ ستار کی شاعری پر کسی تشریحی گفتگو کا حق ادا کرسکوں گا ؟

خواجہ رضیؔ حیدر

عرفانؔ کے شعر کی اندرونی اور بیرونی ساخت از احمد جاویدؔ

جدید زندگی اپنی گرہ میں اگر تخلیقی اعتبار سے کوئی قابلِ قدر چیز رکھتی ہے تو وہ احساس کی complexityہے جس میں اتنی طاقت بہرحال ہے کہ ذہن کو ان حقائق سے مانوس رکھتی ہے جو اس کی حدودِ رسائی سے بالکل باہر چلے گئے ہیں۔ مجھے جدید شاعروں سے ایک مستقل شکایت یہ ہے کہ ان لوگوں کا طرزِ احساس انسانی نہیں، یعنی اس میں معنی پن غائب ہے۔ عرفانؔ ستار کے ہاں کہیں کہیں مہارت کی کمی تو نظر آتی ہے لیکن طرزِ احساس کی سطح پر وہ بعض ایسی خصوصیات رکھتے ہیں جو کسی نہایت اچھے شاعر کے لیے بھی موجبِ فخر ہو سکتی ہے۔ ان کی غزل میں محسوسات کی حسّی بناوٹ اور معنوی ساخت جس طرح یکجا ہو کر اظہار پاتی ہے، نئے غزل گو اسے تصور کرنے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ان کے احساس کا contentتجربی سے زیادہ ذہنی ہے اور ذہنی سے زیادہ تجربی۔ یہی ان کی غزل کا بنیادی جوہر ہے۔ مجھے بعض اوقات حیرت ہوتی ہے کہ یہ شخص قریب قریب ہر احساس یعنی خوشی غم وغیرہ کو کیفیت میں بھی نیا بنا دیتا ہے اور معنویت میں بھی۔ ان کے ہاں کوئی احساس متعین، ٹھوس اور سطحی نہیں ہے، اور نہ وہ کوئی طے شدہ اور یک رُخا مطلب رکھتا ہے جبکہ دوسری طرف ان کا اُسلوب بالکل وہی ہے جوpolicy matterپر بیان دینے والوں کا ہوتا ہے۔ صاف، دو ٹوک اور پتھریلا۔ ان دو متضاد انتہائوں کو اکٹھا کر لینا، ظاہر ہے خاصی تعجب انگیز بات ہے۔ ٹھوس اسلوب اور سیّال کیفیت اور معنویت۔ یہ ہے عرفان کے شعر کی اندرونی اور بیرونی ساخت۔

عرفان ستار بنیادی طور پر شدّتِ احساس کے شاعر ہیں۔ احساس کی شدّت اگر ذہن کی شمولیت سے عاری ہو تو شعر میں کم از کم دو چیزیں داخل نہیں ہو سکتیں۔ ایک لفظ کے بیشتر امکانات کو برتنے کا سلیقہ اور دوسرے تخیل۔ عرفان ستار کی غزل میں یہ دونوں چیزیں تمام و کمال موجود ہیں۔

احمد جاویدؔ

میں

’’ دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ؟ میاں اس مصرعہ پر گرہ لگائو۔‘‘

یہ الفاظ تھے ڈی جے سائنس کالج کے صدر شعبۂ اردو شاہد عشقی کے۔ میں اپنی غزل کالج کے سالانہ مجلے ’’ مخزن‘‘ میں اشاعت کی غرض سے اُن کے پاس لے کر پہنچا تھا ۔ جب میں اس زمین میں ایک مطلع اور دو شعر انہیں سنا چکا تو کہنے لگے ۔ ’’ بھئی بچے اِدھر اُدھر سے چیزیں لا کر دے دیتے ہیں اس لیے مجھے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑتی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے غزل رکھ لی اور میں اُٹھ کر چلا آیا۔ آج بیس برس گزرنے کے بعد بھی یہی ایک مصرعہ ہے جس کے حصار سے باہر میں کوشش کے باوجود نہیں نکل پایا۔ دل ہے کہ کسی پل ٹھہرتا ہی نہیں۔ اضطراب ہے کہ ہر پل میرے وجود کو گھیرے رہتا ہے۔ ذمہ داریوں کے باب میں بظاہر چاق و چوبند نظر آنے والا ’میں‘ اندر سے ایک بالکل مختلف انسان ہوں، جو شاید آج پہلی بار خود سے باہر منکشف ہو رہا ہے۔ مگر یہ انکشاف بھی کتنا واضح ہو سکتا ہے جب کہ میں خود بھی نہیں جانتا کہ ’’ دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ‘‘

بچپن ہی سے تنہائی میری مجبوری نہیں ترجیح رہی ہے ۔ مطالعہ اور تفکر ، یہ دو میری محبوب ترین مصروفیات ہیں ۔ پڑھتے پڑھتے سوچنے لگنا اور سوچتے سوچتے کچھ اٹھا کر پڑھنا شروع کر دینا دو ایسی کیفیات ہیں جن سے میری شخصیت اور شاعری کا سارا تار و پود بُنا گیا ہے۔ کسی بھی بات کو بلا جواز و تحقیق مان لینا میری سرشت میں نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں کہ میں کوئی پہلا انسان نہیں جو یہ سرشت لے کر پیدا ہوا ہو۔ جو سوالات میرے ذہن میں ہیں، وہ مجھ سے پہلے بھی اُٹھائے جاتے رہے ہیں۔ مگر مجھے اس سے کیا؟ میرے لیے تو میرے سوالات یکسر اچھوتے اور نئے ہیں اور ان کے جوابات کی تلاش میں سرگرداں رہنا سراسر میرا ذاتی مسئلہ ہے۔ ہر سوچنے والے انسان کے لیے یہ ایک ذاتی مسئلہ ہے۔ اس لیے کہ ان سوالات کے کوئی standard جوابات نہیں ہوتے۔ کائنات کے اسرار و رموز ہر انسان پر الگ طرح سے منکشف ہوتے ہیں۔ میں اس بات کا بھی قائل ہوں کہ یہ سوال اتنے بڑے ہیں کہ ان کا قائم رہنا ان کے جوابات حاصل کرنے سے زیادہ اہم ہے۔ یہ نہ رہیں، تو انسان اور کائنات کے درمیان تعلق محضphysical نوعیت کا ہو کر رہ جائے۔ خیر یہ ایک الگ بحث ہے جو اس مجموعے کے قارئین کے لیے شاید کسی دلچسپی کا سامان مہیا نہ کر سکے، اس لیے اس سے گریز کرکے میں کچھ اور باتوں کی طرف آتا ہوں۔

شاعری میرے نزدیک کوئی آفاقی حیثیت کا حامل ہنر ہے، نہ ہی نصف پیغمبری! میں اسے صرف فنونِ لطیفہ کی ایک خوبصورت ترین صنف اور اظہار کا ایک پُر تاثیر ذریعہ مانتا ہوں۔ یہ اور بات ہے کہ اس صنف میں الفاظ کی موجودگی اسے پیچیدہ اور گہرے افکار کی ترسیل کے لیے دیگر اصناف کے مقابلے میں زیادہ موثر بنا دیتی ہے۔ اس نظریے کے تحت میرے نزدیک شاعری کی بنیادی ضرورت شعریت ہے، اور شعریت عبارت ہے اظہار کے حُسن سے۔ اگر کسی شعر کو پڑھ کر یا سن کر میرے احساس میں ایک خوبصورت ہیجان برپا نہیں ہوتا تو مجھے اس شعر میں بیان کردہ بڑے خیال سے کوئی خوشی حاصل نہیں ہوتی۔ میرے نزدیک مضمون کے نیا یا پرانا ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اُس مضمون کا بیان کتنے شاعرانہ انداز سے ہوا ہے، یہ بات اس شعر کے اچھا یا بُرا ہونے، اور اس سے بھی قبل اُس کے شعر ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرتی ہے۔ مجھے اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ شاعری پر تبصرہ کرتے ہوئے عام طور پر نقاد اور قارئین فوری طور پر خیال تک جست لگا دیتے ہیں اور اس بات سے کوئی سروکار نہیں رکھتے کہ جس موزوں خیال کو وہ شعر سمجھ رہے ہیں اس میں شاعرانہ طرزِ اظہار ہے بھی یا نہیں؟ ولیؔ اور میرؔ سے آج اجملؔ سراج تک جن شعراء کے سینکڑوں اشعار مجھے ازبر ہیں، اُن میں یہ شاعرانہ طرزِ احساس ہی مجھے ایک ایسا common factorنظر آتا ہے جو کسی شعر کو میرے حافظے اور احساس کا حصہ بناتا ہے۔

میں نے شاعری کی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی اور نہ ہی میں اردو زبان سے گہری واقفیت کا دعوٰع کر سکتا ہوں۔ہاں لفظ اور تکنیک کے سلسلے میں ایک واضح conciousnessکا میں دعویدار ضرور ہوں اور میرے نزدیک یہ ذہنی بیداری کسی بھی شاعر کے احساس اور اظہار کے ارتقاء میں ایک بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ میں بہت کم شعر کہتا ہوں۔ اس لیے کہ مجھے inspirationعام طور پر کسی تجربے سے حاصل ہوتی ہے اور وہ بھی اس وقت جب وہ تجربہ میرے احساس کا حصہ بن جاتا ہے۔ اسی وجہ سے میری شعر گوئی کم گوئی کی حدود سے باہر نہیں نکل پاتی۔

میری شاعری میرے ہونے کے جواز کی تلاشِ مسلسل کے دوران میرے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ میری شاعری میں موجود کوئی بھی کیفیت شاید نئی نہ ہو۔ اس لیے کہ اس کائنات میں کچھ بھی نیا نہیں۔ خود انسان کون سا نیا ہے؟ مگر اس انسان کا ذہن گزرتے ہوئے وقت کے ساتھ مسلسل ارتقاء پذیر ہے۔ صلاحیت کے اعتبار سے نہیں بلکہ چیزوں کو perceiveکرنے کے اعتبار سے۔ اس لیے طرزِ احساس و اظہار ہی کسی شاعر کے اپنے عہد سے وابستگی کا اعلان ہوتا ہے۔ جدید حسّیت کی طویل بحث کے ضمن میں مجھے صرف اتنا ہی کہنا ہے۔

کسی بھی شاعر کی طرح حُسن میرے احساس کا اہم ترین جزوہے۔ مگر یہ حُسن اگر انسانی ہے تو اسے میرے احساس تک رسائی حاصل کرنے سے پہلے مجھے ذہنی سطح پر متاثر کرنا لازمی ہے۔ ذہانت میرے نزدیک حسین ہونے کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ کند ذہنی اور روایتی طرزِ فکر مجھ سے زیادہ دیر برداشت نہیں ہوتی اور تعلق کی سطح پر اپنے اس رویے کی وجہ سے میں اکثر مشکلات کا شکار رہتا ہوں۔ دل ہی دل میں شرمندہ بھی ہوتا ہوں کہ بعض اوقات کچھ لوگ اپنے پُرخلوص طرزِ عمل کے باوجود میرے نزدیک نہیں آپاتے۔ یہ میری ایک ایسی مجبوری ہے جس کے ہاتھوں میں اپنے آپ کو بالکل لاچار پاتا ہوں۔

میری خوش قسمتی کہ اس مشکل رویے کے باوجود میرے گرد ایسے لوگ ہمیشہ رہے جو میرے مزاج کی ہر کیفیت کو خوش دلی کے ساتھ برداشت کرتے رہے۔ ان لوگوں میں سرِ فہرست میرے عزیز دوست اور خوبصورت آرٹسٹ یوسف تنویر کا نام ہے۔ ان کا دفتر میری ذہنی پناہ گاہ ہے۔ میری بیشتر غزلیں وہیں بیٹھ کر تخلیق ہوئیں اور انہوں نے میرے اولین سامع ہونے کا فرض بھی نہایت محبت کے ساتھ انجام دیا۔ میرے احباب میں مجھے شاعر تسلیم کرنے والے پہلے شخص عبدالرزاق معرفانی ہیں۔ انہوں نے اپنے احباب کی خوش ذوق نشستوں میں مجھ سے شعر سنے اور میری حوصلہ افزائی کی۔ ادبی دُنیا میں جن لوگوں نے میری رہنمائی و پذیرائی کی ان میں جونؔ ایلیا کو میں آج بھی اپنا استاد تسلیم کرتا ہوں۔ میری شاعری کی تمام تر خامیاں میری اپنی ناکامی پر دلیل ہیں۔

مگر اس سے قطع نظر میرے شعری ذوق کی تشکیل میں اولاً جونؔ صاحب کی شاعری کے مطالعے، اور بعد ازاں ان سے شعری مسائل پر بالمشافہ گفتگو کا بہت اہم کردار رہا۔ خواجہ رضیؔ حیدر میرے دوست ہی نہیں ، میرے بڑے بھائی کی جگہ ہیں۔ شعری سفر میں وہ میرے سمت نما ہیں اور میرے نزدیک اُن کی پسندیدگی میری کسی غزل کے باقی رہنے یا تلف کر دیے جانے کا سب سے بڑا جواز ہے۔ قیصرؔ عالم کی پُر مغز گفتگو نے ہمشہ میرے ذہن میں اکثر اٹھنے والی سوچوں کو channelize کرنے میں مدد دی جس کا شاید اُنہیں خود بھی علم نہیں، مگر جس کے لیے میں اُن کا ممنون ہوں۔ محترم نسیم درّانی، احمد ندیمؔ قاسمی، شمس الرحمن فاروقی، مبین مرزا، خالدؔ احمداور آصف فرخّی کا میں تہہِ دل سے ممنون ہوں کہ انہوں نے میری غزلوں کو اپنے موقر جرائد میں شائع کر کے میرے بحیثیت شاعر تعارف میں اہم کردار ادا کیا۔ انور شعورؔ، محبؔ عارفی، نگارؔ صہبائی، رساؔ چغتائی، احمد جاویدؔ، احمد نویدؔ، ڈاکٹراسلم فرخی، ڈاکٹر آصف فرخی، صابر وسیمؔ، احسن ؔ سلیم، لیاقت علی عاصمؔ، اجملؔ سراج، عزمؔ بہزاد، جاذبؔ ضیائی، سعیدؔ آغا، انور جاوید ہاشمیؔ، قیصرؔ عالم، انیق احمد، شادابؔ احسانی، معراج صاحب، میر حامد علی کانپوری(مرحوم)، سلمان علوی، قمر اللہ دتہ، احمد جمال اور محمد علی احسان کے نام ان لوگوں میں شامل ہیں جن کی رفاقت سے گزر کر میں یہ شعری مجموعہ آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں۔

نہیں معلوم کہ ابھی میری سوچ کو وقت کے اس بے کراں سمندر کے کتنے اُتارچڑھائو دیکھنا ہیں۔ کیسے کیسے تیز دھار لمحے میرے خیمۂ خواب کی طنابوں کے درپے ہیں۔ اس کٹھن سفر میں ’’ تکرارِ ساعت‘‘ میرے لیے کسی ایسے لمحے کا انتظار ہے جو مجھ پر مجھے ظاہر کر دے، اور میرے وجود کو ایک دائمی اثبات سے ہم آہنگ کر دے۔ آئیے اور اس خاص ساعت کے انتظار میں میرے ساتھ ہو جائیں۔

عرفانؔ ستار

عرفان ستار

چشمِ رمز آشنا، قلبِ عقدہ کشا، اک ذرا سی توجہ اِدھر چاہیے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 102
خود سے غافل بہت دیر ہم رہ چکے اب ہمیں کچھ ہماری خبر چاہیے
چشمِ رمز آشنا، قلبِ عقدہ کشا، اک ذرا سی توجہ اِدھر چاہیے
مستقل دل میں موجود ہے اک چبھن، اب نہ وہ خوش دلی ہے نہ ویسا سخن
مضطرب ہے طبیعت بہت ان دنوں، کچھ علاج اس کا اے چارہ گر چاہیے
چاک عہدِ تمنا کے سب سل گئے، ہجر کے ساز سے دل کے سُر مل گئے
بس یہی ٹھیک ہے کاتبِ زندگی، عمر باقی اسی طرز پر چاہیے
ذوقِ تخلیق کی آبیاری کہاں، ہم کہاں اور یہ ذمہ داری کہاں
حسبِ توفیق محوِ سخن ہیں مگر، یہ نہیں جانتے کیا ہنر چاہیے
ہر کسی کو گلہ بیش و کم ہے یہی، آدمی کا ہمیشہ سے غم ہے یہی
جو ملا اُس کی ایسی ضرورت نہ تھی، جو نہیں مل سکا وہ مگر چاہیے
رنگ و خوشبو کا سیلاب کس کام کا، ایک لمحہ تو ہے عمر کے نام کا
یہ نظارا بہ قدرِ نظر چاہیے، یہ مہک بس ہمیں سانس بھر چاہیے
نخلِ دل کی ہر اک شاخ بے جان ہے، تازگی کا مگر پھر بھی امکان ہے
زندگی کی ذرا سی رمق چاہیے، اب نفس کا یہاں سے گزر چاہیے
کام کچھ خاص ایسا یہاں پر نہیں، قرض بھی اب کوئی جسم و جاں پر نہیں
یعنی اپنی طرف واپسی کے لیے، اب ہمیں صرف اذنِ سفر چاہیے
لفظ کافی نہیں ہیں سفر کے لیے، اس دیارِ سخن میں گزر کے لیے
عاجزی چاہیے، آگہی چاہیے، دردِ دل چاہیے، چشمِ تر چاہیے
آپ کی در بہ در جبہ سائی کہاں، میرؔ کی خاکِ پا تک رسائی کہاں
آپ کو خلعتِ سیم و زر چاہیے، وہ بھی کچھ وقت سے پیشتر چاہیے
عرفان ستار

اک تازہ زخم کی خواہش ہے اک صدمہ کم کرنے کے لیے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 101
پھر خون میں وحشت رقصاں ہے تجدیدِ ستم کرنے کے لیے
اک تازہ زخم کی خواہش ہے اک صدمہ کم کرنے کے لیے
ہم دن بھر دنیا داری میں ہنس ہنس کے باتیں کرتے ہیں
پھر ساری رات پگھلتے ہیں اک اشک رقم کرنے کے لیے
وہ وصل کے جس نے ہم دونوں کو ایسے بے بنیاد کیا
اب فرصت ہے آ مل بیٹھیں اُس وصل کا غم کرنے کے لیے
اک کاری زخم کی چاہت نے کیا کیا نہ ہمیں گلزار کیا
ہم کس کس سے منسوب ہوئے اک ہجر بہم کرنے کے لیے
انسان کے جینے مرنے کے مجبوری کے مختاری کے
یہ سارے کھیل ضروری ہیں تعمیرِ عدم کرنے کے لیے
عرفان ستار

کچھ بھی میرے سِوا یہاں نہ رہے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 100
یہ زمیں اور آسماں نہ رہے
کچھ بھی میرے سِوا یہاں نہ رہے
میں ہی اول بھی اور آخر بھی
کوئی بھی میرے درمیاں نہ رہے
بس معانی ہوں، لفظ کھو جائیں
روح رہ جائے، جسم و جاں نہ رہے
میری یکسوئی میں پڑے نہ خلل
"میں رہوں اور یہ جہاں نہ رہے”
مہرباں آج مجھ پہ ہے جو نظر
عین ممکن ہے کل کلاں نہ رہے
ہاں بلا سے مری، رہے نہ وجود
نہیں رہتا عدم بھی، ہاں نہ رہے
سوچتا ہوں خموش ہو جاؤں
اور یہ حرفِ رائگاں نہ رہے
کاش چھا جائے ایک ابرِ اماں
اور کوئی بھی بے اماں نہ رہے
اک سہارا۔ ہے بے یقینوں کا
کیا کریں وہ اگر گماں نہ رہے
بات کیسی جو سننے والا نہ ہو
راز کیسا جو رازداں نہ رہے
وہی ہوتا ہے رائگاں کہ جو ہو
نہ رہوں میں تو یہ زیاں نہ رہے
زخم تو سارے بھر ہی جاتے ہیں
بات تب ہے اگر نشاں نہ رہے
ہے وہاں ماں، یہاں مرے بچے
اب رہے دل کہاں، کہاں نہ رہے
زخمِ دل کو زبان مل جائے
درد ناقابلِ بیاں نہ رہے
کیا خبر کس گھڑی چلے آندھی
اور سر پر یہ سائباں نہ رہے
شہرِ دام و درم کی تم جانو
اہلِ دل تو کبھی وہاں نہ رہے
ان دنوں ہے یہاں، مگر عرفان
بس چلے تو کبھی یہاں نہ رہے
عرفان ستار

جہاں پہ تُو بھی نہیں تھا وہاں بھی زندہ رہے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 99
بہت خجل ہیں کہ ہم رائگاں بھی زندہ رہے
جہاں پہ تُو بھی نہیں تھا وہاں بھی زندہ رہے
عجیب شرط ہے اس بے یقیں مزاج کی بھی
کہ تُو بھی پاس ہو تیرا گماں بھی زندہ رہے
تجھے یہ ضد ہے مگر اس طرح نہیں ہوتا
کہ تُو بھی زندہ رہے داستاں بھی زندہ رہے
وہ کون لوگ تھے جن کا وجود جسم سے تھا
یہ کون ہیں جو پسِ جسم و جاں بھی زندہ رہے
جو یہ نہ ہو تو سخن کا کوئی جواز نہیں
ضمیر زندہ رہے تو زباں بھی زندہ رہے
یہ کائنات فقط منفعت کا نام نہیں
یہاں پہ کوئی برائے زیاں بھی زندہ رہے
عدم میں جو بھی نہیں تھا وہ سب وجود میں تھا
یہ ہم ہی تھے جو کہیں درمیاں بھی زندہ رہے
عرفان ستار

ہمارے چاروں طرف روشنی ملال کی ہے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 98
ہر ایک شکل میں صورت نئی ملال کی ہے
ہمارے چاروں طرف روشنی ملال کی ہے
ہم اپنے ہجر میں تیرا وصال دیکھتے ہیں
یہی خوشی کی ہے ساعت، یہی ملال کی ہے
ہمارے خانہءِ دل میں نہیں ہے کیا کیا کچھ
یہ اور بات کہ ہر شے اُسی ملال کی ہے
ابھی سے شوق کی آزردگی کا رنج نہ کر
کہ دل کو تاب خوشی کی نہ تھی، ملال کی ہے
کسی کا رنج ہو، اپنا سمجھنے لگتے ہیں
وبالِ جاں یہ کشادہ دلی ملال کی ہے
نہیں ہے خواہشِ آسودگیءِ وصل ہمیں
جوازِ عشق تو بس تشنگی ملال کی ہے
گزشتہ رات کئی بار دل نے ہم سے کہا
کہ ہو نہ ہو یہ گھٹن آخری ملال کی ہے
رگوں میں چیختا پھرتا ہے ایک سیلِ جنوں
اگرچہ لہجے میں شائستگی ملال کی ہے
عجیب ہوتا ہے احساس کا تلون بھی
ابھی خوشی کی خوشی تھی، ابھی ملال کی ہے
یہ کس امید پہ چلنے لگی ہے بادِ مُراد؟
خبر نہیں ہے اِسے، یہ گھڑی ملال کی ہے
دعا کرو کہ رہے درمیاں یہ بے سخنی
کہ گفتگو میں تو بے پردگی ملال کی ہے
تری غزل میں عجب کیف ہے مگر عرفان
درُونِ رمز و کنایہ کمی ملال کی ہے
عرفان ستار

مہک اُداسی ہے، بادِ صبا اُداسی ہے

عرفان ستار ۔ غزل نمبر 97
عجب ہے رنگِ چمن، جا بجا اُداسی ہے
مہک اُداسی ہے، بادِ صبا اُداسی ہے
نہیں نہیں، یہ بھلا کس نے کہہ دیا تم سے؟
میں ٹھیک ٹھاک ہوں، ہاں بس ذرا اُداسی ہے
میں مبتلا کبھی ہوتا نہیں اُداسی میں
میں وہ ہوں جس میں کہ خود مبتلا اُداسی ہے
طبیب نے کوئی تفصیل تو بتائی نہیں
بہت جو پوچھا تو اتنا کہا، اُداسی ہے
گدازِ قلب خوشی سے بھلا کسی کو ملا؟
عظیم وصف ہی انسان کا اُداسی ہے
شدید درد کی رو ہے رواں رگِ جاں میں
بلا کا رنج ہے، بے انتہا اُداسی ہے
فراق میں بھی اُداسی بڑے کمال کی تھی
پسِ وصال تو اُس سے سِوا اُداسی ہے
تمہیں ملے جو خزانے، تمہیں مبارک ہوں
مری کمائی تو یہ بے بہا اُداسی ہے
چھپا رہی ہو مگر چھپ نہیں رہی مری جاں
جھلک رہی ہے جو زیرِ قبا اُداسی ہے
مجھے مسائلِ کون و مکاں سے کیا مطلب
مرا تو سب سے بڑا مسئلہ اُداسی ہے
فلک ہے سر پہ اُداسی کی طرح پھیلا ہُوا
زمیں نہیں ہے مرے زیرِ پا، اُداسی ہے
غزل کے بھیس میں آئی ہے آج محرمِ درد
سخن کی اوڑھے ہوئے ہے ردا، اُداسی ہے
عجیب طرح کی حالت ہے میری بے احوال
عجیب طرح کی بے ماجرا اُداسی ہے
وہ کیفِ ہجر میں اب غالباً شریک نہیں
کئی دنوں سے بہت بے مزا اُداسی ہے
وہ کہہ رہے تھے کہ شاعر غضب کا ہے عرفان
ہر ایک شعر میں کیا غم ہے، کیا اُداسی ہے
عرفان ستار