ٹیگ کے محفوظات: آمادہ

ذرّہ ذرّہ اس جہاں کا اضطراب آمادہ ہے

دیوانِ غالب ۔ غزل نمبر 250
کس کی برقِ شوخئ رفتار کا دلدادہ ہے
ذرّہ ذرّہ اس جہاں کا اضطراب آمادہ ہے
ہے غـرورِ سرکشی صورت نماۓ عجز بھی
منقلب ہو کر بسانِ نقشِ پا افتادہ ہے
خانہ ویراں سازئ عشقِ جفا پیشہ نہ پوچھ
نامرادوں کا خطِ تقدیر تک بھی سادہ ہے
خود نشاط و سرخوشی ہے آمدِ فصلِ بہار
آج ہر سیلِ رواں عالم میں موجِ بادہ ہے
زندگانی رہروِ راہِ فنا ہے اے اسدؔ
ہر نفس ہستی سے تا ملکِ عدم اک جادہ ہے
نوٹ از مولانا مہر: یہ غزل مولانا عبد الباری آسی کی کتاب سے منقول ہے لیکن اہلِ نظر مجموعۂ آسی میں میں شائع شدہ پورے غیر مطبوعہ کلام کا انتساب صحیح نہیں سمجھتے
مرزا اسد اللہ خان غالب

بحر سے جا ملنے کا جادہ مل جائے

آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 54
کاش کبھی وہ دریا زادہ مل جائے
بحر سے جا ملنے کا جادہ مل جائے
کیا کہنا گنجینۂ دل کی دولت کا
خرچ کروں تو اور زیادہ مل جائے
جیون کا یہ مایا روپ بدل ڈالوں
مجھ کو وہ شہ زور ارادہ مل جائے
آنکھ بہت رو لے تو لمحہ درز بنے
اور وہ درشن پر آمادہ مل جائے
لیکھ یہی ہے دن بھر کی مزدوری میں
نانِ خشک اور آبِ سادہ مل جائے
آفتاب اقبال شمیم