تو کیا یہ رات ٹلے گی نہیں مرے مر سے!

آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 64
لگے کہ آنکھ تراشی گئی ہے پتھر سے
تو کیا یہ رات ٹلے گی نہیں مرے مر سے!
وُہ اور دَور تھا، لاؤں کہاں سے وہ راتیں
کہ چھت پہ سوئے ہوئے مجھ پہ چاندنی برسے
وُہ اپنے خواب سفینے کا ناخدا ٹھہرا
گیا تو تھا ابھی لوٹا نہیں سمندر سے
خدا یہاں بھی ہے، یہ خلقتیں سوال کریں
تو کیوں نہ وعظ عطا ہو گلی کے منبر سے
یہ عین وقت ہے شمع معاش جلنے کا
اُڑے ہیں دن کے پتنگے نکل کے گھر گھر سے
بلا کا دشمنِ آتش ہے آب پروردہ
کرن کی کرچیاں گرتی ہیں دستِ گوہر سے
پھر اس کے بعد سنانے کی آرزو نہ رہے
سُنون وہ شعر کسی دن کسی سخنور سے
آفتاب اقبال شمیم

تبصرہ کریں