منٹو 11مئی 1912کو موضع سمبرالہ ، ضلع لدھیانے میں پیدا ہو ئے ۔ وہ ایک صاحب اسلوب نثر نگار تھے جن کے افسانے، مضامین اور خاکے اردو ادب میں بے مثال حیثیت کے مالک ہیں۔ منٹو ایک معمار افسانہ نویس تھے جنہوں نے اردو افسانہ کو ایک نئی راہ دکھائی-ا منٹو کہتے تھے کہ فسانہ مجھے لکھتا ہے اور یہ بات یقیناً ان کے ہر افسانے سے عیاں ہے ۔ منٹو نے دیکھی پہچانی دنیا میں سے ایک ایسی دنیا دریافت کی جسے لوگ قابل اعتنا نہیں سمجھتے تھے یہ دنیا گمراہ لوگوں کی تھی۔ جو مروجہ اخلاقی نظام سے اپنی بنائی ہوئی دنیا کے اصولوں پر چلتے تھے ان میں اچھے لوگ بھی تھے اور برے بھی ۔ یہ لوگ ہی منٹو کا موضوع تھے اردو افسانے میں یہ ایک بہت بڑی موضوعاتی تبدیلی تھی۔ ان کے افسانے محض واقعاتی نہیں ہیں ان کے بطن میں تیسری دنیا کے پس ماندہ معاشرے کے تضادات کی داستان موجود ہے۔ 18 جنوری 1955 کو ان کا انتقال ہوا۔
منٹو کے تمام افسانے تصنیف حیدر کی سائٹ سے لئے گئے ہیں، جس کے لئے ان کا بےحد شکریہ