ماجد صدیقی

ماجد صدیقیماجد صدّیقی اردو اور پنجابی کے ممتاز شاعر تھے جن کا شمار منفرد لب و لہجے کے جدیدیت پسند اساتذہ میں ہوتا ہے۔ وہ یکم جون ۱۹۳۸ء کو ضلع چکوال کے گاؤں نور پور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام محمد خان سیال اور والدہ کا نام اللہ رکھی تھا جو کہ خود بھی شاعرہ تھیں۔ ابتدائی تعلیم علاقائی سکولوں میں پائی اور انٹرمیڈیٹ گورنمنٹ کالج چکوال سے کیا۔
ماجد صدّیقی نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اردو کی ڈگری ۱۹۶۲ ء میں حاصل کی۔ ضلع چکوال کے دیہی علاقوں ڈھڈیال، دھرابی اور کریالہ میں تدریسی فرائض ادا کرنے کے بعد اکتوبر ۱۹۶۴ء میں گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں بطور لیکچرار تعینات ہو گئے۔ ستمبر ۱۹۶۶ء میں ان کا تبادلہ اٹک کالج (اس وقت کیمبل پور کالج) میں اور دو سال کے بعد تلہ گنگ میں ہو گیا۔ ستمبر ۱۹۷۳ء میں ان کی تعیناتی اصغر مال کالج راولپنڈی میں ہوئی جہاں وہ بائیس سال تک شعبۂِ اردو میں تدریسی فرائض انجام دینے کے بعد ۱۹۹۵ء میں ریٹائر ہوئے۔

۱۹۷۸ء میں انہوں نے پنجابی میں نثری نظموں کا ایک مجموعہ ’’گُنگے دیاں رمزاں‘‘ کے نام سے شائع کیا جو پنجابی میں نثری نظم کا سب سے پہلا مجموعہ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسی کی دہائی میں اردو زبان میں پنجابی کی طرز پر بولیوں کی صنف بھی متعارف کروائی۔

این یو ایم ایل (نمل) یونیورسٹی اسلام آباد کی طالبہ زوبیہ خان نے ایم اے اردو کے لئے ان کے دو مجموعوں ’’آغاز ‘‘ اور ’’آنگن آنگن رات ‘‘ پر تحقیقی مقالہ لکھا، جب کہ شازیہ خان نے علامہ اقبال یونیورسٹی میں ان کی غزل پر ایم فل کے پروگرام کے تحت مقالہ لکھا۔ مسعود عباسی تیسرے طالبِ علم ہیں جنہوں نے بہاولپور یونیورسٹی سے ایم فل کرتے ہوئے ان کی اردو نظم پر مقالہ تحریر کیا۔

ماجد صدیقی ایک زود گو شاعر تھے انہوں نے اردو ، پنجابی اور انگریزی میں نظم، غزل اور نثر کے ۴۹ مجموعے شائع کیے ۔ علاوہ ازیں ان کے ۱۳ مجموعے شائع ہوئے جن میں انہوں نے دوسرے شعراء کا کلام اردو ، پنجابی اور انگریزی میں ترجمہ کیا۔ ماجد صدیقی کی شاعری کو کسی خاص ادبی تحریک سے وابستہ نہیں کیا جا سکتا، اگرچہ وہ ترقی پسندانہ رجحانات رکھتے تھے مگر وہ اپنی طرز کے تخلیق کار رہے، ان کا ادبی حلقوں میں آنا جانا نہیں تھا اور ان کا حلقۂِ احباب تقریباً تمام عمر بہت محدود رہا۔ ان کے قریبی دوستوں میں ساجد علوی، اختر امام رضوی، عابد جعفری، خاقان خاور، آفتاب اقبال شمیم ، سید عارف اور جمیل آذر شامل تھے، اپنے دوستوں میں وہ خاقان خاور اور اختر امام رضوی کو بہت عزیز گردانتے تھے۔ ان کی شاعری حقیقت سے قریب تر رہی اور انہوں نے اپنے آپ کو اردو ادب کے روایتی موضوعات اور طرزِ اظہار سے شعوری طور پر دور رکھا .

پاکستان رائٹرز گلڈ نے پنجابی شاعری کی کتاب ’’میں کنّے پانی وچ آں‘‘ پر بہترین کتاب کا ایوارڈ دیا ۔ اس کے علاوہ ان کو نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ ایوارڈ کی تقریب سے چار دن پہلے وہ ۱۹ مارچ ۲۰۱۵ء کو حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔