ٹیگ کے محفوظات: نبھانا

میں تنہا تھا، تجھ کو آنا چاہیئے تھا

سر رکھ کر رونے کو شانہ چاہیئے تھا
میں تنہا تھا، تجھ کو آنا چاہیئے تھا
آج میں آیا تھا خود کو پرسہ دینے
مجھ کو بیچ میں سے ہٹ جانا چاہیئے تھا
محفل میری ویراں ہوتی جاتی ہے
ہم عمروں کو دوست بنانا چاہیئے تھا
بس اک لمحہ چاہا تھا دلداری کا
کونسا مجھ کو ایک زمانہ چاہیئے تھا
آج کے دن اچھا تھا گھر میں رہنا ہی
وحشت کرنی تھی، ویرانہ چاہیئے تھا
تو بھی میرا غم ہی بانٹنے آیا ہے
یار، مرا کچھ دھیان بٹانا چاہیئے تھا
کس کو میرا ساتھ نبھانا آتا ہے
تجھ کو میرا ساتھ نبھانا چاہیئے تھا
تازہ شکلیں یادوں میں زندہ رہتیں
جا کر یاروں سے مل آنا چاہیئے تھا
حد سے بڑھ کر ضبط نہیں کرتے عرفان
درد بہت تھا، شور مچانا چاہیئے تھا
عرفان ستار