منصور آفاق ۔ غزل نمبر 414
ہے محیطِ جاں شبِ محبوس کی قربان گاہ
دور تک ہے عزت و ناموس کی قربان گاہ
بہہ رہا ہے مقتلِ احساس سے تازہ لہو
زندگی ہے عالم محسوس کی قربان گاہ
آ مجھے دے زخم پھر سے ، آ چلا تیغِ ادا
سرخ کر میرے دلِ مایوس کی قربان گاہ
پاؤں پر مہندی لگاسکتی ہے خوں کی ہم نفس
کرچیاں ہوتے ہوئے فانوس کی قربان گاہ
چل رہے ہیں الٹے پاؤں راستوں پرسارے لوگ
یہ نگر ہے منزل معکوس کی قربان گاہ
خوبصورت لوگ بھی اور خوبصورت پھول بھی
خوشبوئوں کے دلربا ملبوس کی قربان گاہ
سعد پل آیا نہیں کوئی کہیں بھی راہ میں
ہر گھڑی ہے ساعتِ منحوس کی قربان گاہ
وہ لگا دی شیخ نے سیدھی جہنم میں چھلانگ
حسن بھی تھامحشرِ مخصوص کی قربان گاہ
پھر انا الحق کی صدائے دلربا تجسیم کر
ڈھونڈھ پھرمنصور دشتِ سوس کی قربان گاہ
منصور آفاق