ٹیگ کے محفوظات: سمیٹ

یہ انتظار کدہ ہے، یہ گیٹ پر لکھا

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 104
کب اپنا نام مکاں کی پلیٹ پر لکھا
یہ انتظار کدہ ہے، یہ گیٹ پر لکھا
پھر ایک تازہ تعلق کو خواب حاضر ہیں
مٹا دیا ہے جو پہلے سلیٹ پر لکھا
وہ انتظار تھا بگلے کی بند آنکھوں میں
میں دستیاب ہوں مچھلی نے پیٹ پر لکھا
لکھا ہوا نے ’’یہ بس میری آخری حد ہے
"اب اس اڑان سے اپنے سمیٹ پر” لکھا
جہانِ برف پگھلنے کے بین لکھے ہیں
ہے نوحہ آگ کی بڑھتی لپیٹ پر لکھا
جنابِ شیخ کے فرمان قیمتی تھے بہت
سو میں نے تبصرہ ہونٹوں کے ریٹ پر لکھا
ہے کائنات تصرف میں خاک کے منصور
یہی فلک نے کری کی پلیٹ پر لکھا
منصور آفاق