ٹیگ کے محفوظات: روکا

دن کو ہنستا گاتا ہے اور راتوں کو روتا ہے جی

یاؔور جی کی بات نہ پوچھو یاؔور دیوانہ ہے جی
دن کو ہنستا گاتا ہے اور راتوں کو روتا ہے جی
ہم تو تنہا ہی رہتے تھے، تنہا ہی رہنا ہے جی
جاؤ تم بھی چھوڑ کے ہم کو، ہم نے کب روکا ہے جی
یاد کی راکھ کے ڈھیر میں دیکھو پھر شعلہ بھڑکا ہے جی
ہاں پھر شعلہ بھڑکا ہے پھر دل اپنا جھلسا ہے جی
چھوڑو ایسی باتیں، ان باتوں میں کیا رکھا ہے جی
کیا سیدھا ہے، کیا الٹا ہے، سب الٹا سیدھا ہے جی
آپ تو بس اک پتھر ٹھہرے، آپ کا اس میں دوش ہی کیا؟
ہم نے آپ کو خود ہی تراشا اور خود ہی پوجا ہے جی
ہم پر بھی لو چلتی ہے ہم پر بھی آگ برستی ہے
ہم جیسوں کا بھی تو آخر ایک خدا ہوتا ہے جی
اک لڑکا تھا، اک بوڑھے کو آئینوں میں دیکھتا تھا
اب وہ لڑکا خود بوڑھا ہے اور بےحد بوڑھا ہے جی
ہائے سخن ور کیسا تھا وہ، ویسے شعر سنائے کون
یاؔور ویسا کیسے لکھے، یاؔور کب انشاؔ ہے جی؟
یاور ماجد

سانپ کو ہاتھ میں پکڑا پر ڈھیلے انداز سے پکڑا ہے

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 5
اُس نے بھی جو زہریلے دشمن پر اب کے جھپٹا ہے
سانپ کو ہاتھ میں پکڑا پر ڈھیلے انداز سے پکڑا ہے
جتنے ہم مسلک تھے اُس کے کیا کیا اُس سے دُور ہوئے
دنیا نے اک جسم کو یوں بھی ٹکڑے ہوتے دیکھا ہے
زور آور نے جتنا بھی باروری بیج تھا نخوت کا
ساون رُت کی بارش جیسا اُس کی خاک میں بویا ہے
اور تو امّ الحرب کو ہم عنوان نہیں کچھ دے سکتے
ہاں خاشاک نے دریا کو چالیس دنوں تک روکا ہے
ماجد جھُکتے سروں سے آخر یہِاک بات بھی سب پہ کھلی
کھٹکا ہے تو نفقہ و نان کا ہم ایسوں کو کھٹکا ہے
ماجد صدیقی