آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 42
یہ پیڑ، یہ پہاڑ زمیں کی اُمنگ ہیں
سارے نشیب جن کی اُٹھانوں پہ دنگ ہیں
باہر ہو جس، پھر بھی دریچہ کھلا رکھوں
یہ خود تسلیاں میرے جینے کا ڈھنگ ہیں
ڈھونڈوں کہ انتہا کی مجھے انتہا ملے
یہ شش جہات میری تمنا پہ تنگ ہیں
اک عمر اک مکان کی تعمیر میں لگے
ایام سے زیادہ گراں خشت و سنگ ہیں
چہکے ہزار صوت میں یہ طائر نظر
کرنوں کے پاس یوں تو یہی سات رنگ ہیں
ویسے ہمیں ندامت بے چہرگی نہیں
ہرچند تیرے شہر میں بے نام و ننگ ہیں
آفتاب اقبال شمیم