ٹیگ کے محفوظات: جانتے

میں تھک گیا ہوں تجھ کو خدا مانتے ہوئے

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 500
یہ کائناتِ روح و بدن چھانتے ہوئے
میں تھک گیا ہوں تجھ کو خدا مانتے ہوئے
اک دو گھڑی کا تیرا تعلق کہے مجھے
صدیاں گزر گئی ہیں تجھے جانتے ہوئے
پھرتا ہوں لے کے آنکھ میں ذرے کی وسعتیں
صحرا سمٹ گئے ہیں مجھے چھانتے ہوئے
برکھا کے شامیانے سے باہر ندی کے پاس
اچھا لگا ہے دھوپ مجھے تانتے ہوئے
یہ بھول ہی گیا کوئی میرا بھی نام تھا
ہر وقت نام یار کا گردانتے ہوئے
اس کے کمالِ ضبط کی منصور خیر ہو
صرفِ نظر کیا مجھے پہچانتے ہوئے
منصور آفاق

زمانے کی باتیں وہ کب مانتے ہیں

باقی صدیقی ۔ غزل نمبر 121
تمہاری نگاہیں جو پہچانتے ہیں
زمانے کی باتیں وہ کب مانتے ہیں
فریب تلاطم نہ دیں ناخدا اب
سفینے کناروں کو پہچانتے ہیں
زمانے کی چالیں زمانہ ہی سمجھے
نہ تم جانتے ہو نہ ہم جانتے ہیں
تعارف کی کوئی ضرورت نہیں ہے
دوانے دوانوں کو پہچانتے ہیں
کرو ضبط غم کی نہ تلقین باقیؔ
جو ہم پر گزرتی ہے ہم جانتے ہیں
باقی صدیقی