ٹیگ کے محفوظات: تپیدہ

آؤ اس شوخ کا قصیدہ کہیں

باقی صدیقی ۔ غزل نمبر 147
بات دیدہ کہیں شنیدہ کہیں
آؤ اس شوخ کا قصیدہ کہیں
دل کا قصہ طویل ہوتا ہے
اس کے اوصاف چیدہ چیدہ کہیں
اس کی ہر اک ادائے رنگیں کو
زندگی پر خط کشیدہ کہیں
اور ہوتی ہے رسم شہر خیال
کیوں کسی کو ستم رسیدہ کہیں
کب وہ دشت وفا میں آیا تھا
کیوں اسے آہوئے رمیدہ کہیں
اس کی ہر بات کو کہیں تلوار
اپنے سر کو سر بریدہ کہیں
اس کے شعلوں کو دیں صبا کا نام
اپنے ہر رنگ کو پریدہ کہیں
جام کو جام جم سے دیں نسبت
اپنے خوں کو مئے چکیدہ کہیں
غیر سے دوستی مبارک ہو
اور اب کیا وفا گزیدہ کہیں
اب وہ رنگ جہاں نہیں باقیؔ
کس سے حال دل تپیدہ کہیں
باقی صدیقی

لے آیا کہاں دل تپیدہ

باقی صدیقی ۔ غزل نمبر 25
اک سانس ہے نوحہ، اک قصیدہ
لے آیا کہاں دل تپیدہ
ہیں لفظ کہ کاغذی شگوفے
ہیں شعر کہ داغ چیدہ چیدہ
ہر بات ہے اک ورق پرانا
ہر فکر ہے اک نیا جریدہ
کچھ مثل خدنگ ہیں ہوا میں
کچھ مثل کماں ہیں سرکشیدہ
گلشن میں ہو کے بھی نہیں ہیں
ہم صورت شاخ نو بریدہ
تکتے ہیں رقص ساغر گل
پیتے ہیں شبنم چکیدہ
اپنی خوشبو ہے طنز ہم پر
ہم گل ہیں مگر صبا گزیدہ
ہر راہ میں گرد بن کے ابھرا
یہ زیست کا آہوئے رمیدہ
دل تک نہ گئی نگاہ اپنی
پردہ بنا دامن دریدہ
یا میری نظر نظر نہیں ہے
یا رنگ حیات ہے پریدہ
اس راہ پہ چل رہے ہیں باقیؔ
جس سے واقف نہ دل نہ دیدہ
باقی صدیقی