ٹیگ کے محفوظات: تشکیک

وا ذرا سا روزنِ تشکیک رکھنا چاہئے

آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 4
گھر کو اتنا بھی نہیں تاریک رکھنا چاہئے
وا ذرا سا روزنِ تشکیک رکھنا چاہئے
ہے اُسی کے بھید سے حاضر میں غائب کی نمود
دُور کو ہر حال میں نزدیک رکھنا چاہئے
در پئے آزار ہے سنجیدگی کا پیشہ ور
پاس اپنے دشنۂ تضحیک رکھنا چاہئے
پردۂ حیرت میں رہنا اُس کا منشا ہی سہی
پر اُسے پردہ ذرا باریک رکھنا چاہئے
خود بخود آ جائے گا کعبہ جبیں کی سیدھ میں
بس ذرا اندر کا قبلہ ٹھیک رکھنا چاہئے
آفتاب اقبال شمیم

پھر زندگی کی شہر میں تحریک چل پڑی

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 459
جب اُس جمالِ صبح کی بوتیک چل پڑی
پھر زندگی کی شہر میں تحریک چل پڑی
اُس دلنواز شخص کی آمد کے ساتھ ساتھ
میرے مکان سے شبِ تاریک چل پڑی
نکلا بس ایک اسم افق کی کتاب سے
تاویلیں سب سمیٹ کے تشکیک چل پڑی
جس کیلئے سڑک پہ لڑا تھا میں وقت سے
بس بھیج کے وہ ہدیہ ء تبریک چل پڑی
منصور بس اتر کے گیا تھا وہ کج نہاد
گاڑی پھر اس کے بعد مری ٹھیک چل پڑی
منصور آفاق