ٹیگ کے محفوظات: بنائو

کیا کہیے نہ ہماری سنی اب بیٹھے رنج اٹھائو تم

دیوان پنجم غزل 1679
ہم تو یہی کہتے تھے ہمیشہ دل کو کہیں نہ لگائو تم
کیا کہیے نہ ہماری سنی اب بیٹھے رنج اٹھائو تم
جھوٹ کہا کیا ہم نے اس میں طور جو اس سے ظاہر ہے
ہاتھ چلے تو عاشق زار کو خاک و خوں میں لٹائو تم
صبر کرو بیتاب رہو خاموش پھرو یا شور کرو
کس کو یاں پروا ہے کسو کی ٹھہرو آئو جائو تم
ناز غرور تبختر سارا پھولوں پر ہے چمن کا سو
کیا مرزائی لالہ و گل کی کچھ خاطر میں نہ لائو تم
وائے کہ اس ہجراں کشتے نے باغ سے جاتے ٹک نہ سنا
گل نے کہا جو خوبی سے اپنی کچھ تو ہمیں فرمائو تم
دست و پا بہتیرے مارے سر بھی پھوڑے حیرت ہے
کیا کریے جو بے دست و پا ہم سوں کے ہاتھ آئو تم
غم میں تمھاری صورت خوش کے سینکڑوں شکلیں گوبگڑیں
بیٹھے ناز و غرور سے بکھرے بال اپنے نہ بنائو تم
در پہ حرم کے کشود نہیں تو دیر میں جاکر کافر ہو
قشقہ کھینچو پوتھی پڑھو زنار گلے سے بندھائو تم
بود نبود ثبات رکھے تو یہ بھی اک بابت ہے میر
اس صفحے میں حرف غلط ہیں کاشکے ہم کو مٹائو تم
میر تقی میر

جیسے مصاحب ابر کی ہوتی ہے کوئی بائو

دیوان سوم غزل 1236
رہتا ہے پیش دیدئہ تر آہ کا سبھائو
جیسے مصاحب ابر کی ہوتی ہے کوئی بائو
برسے گی برف عرصۂ محشر میں دشت دشت
گر میری سرد آہوں کا واں ہو گیا جمائو
حاصل کوئی امید ہوئی ہو تو میں کہوں
خوں ہی ہوا کیے ہیں مرے دل میں سارے چائو
آنکھوں کے آگے رونے سے میرے محیط ہے
ابروں سے جا کہے کوئی پانی پیو تو آئو
رہتی تھی اشک خونیں میں ڈوبی سب آستیں
اس چشم بحرخوں کے کبھو دیکھے ہیں چڑھائو
اظہار درد اگرچہ بہت بے نمک ہے پر
ٹک بیٹھو تو دکھاویں تمھیں چھاتیوں کے گھائو
آ عاشقوں کی آنکھوں میں ٹک اے بہ دل قریب
ان منظروں سے بھی ہے بہت دور تک دکھائو
صحبت جو اس سے رہتی ہے کیا نقل کریے ہائے
جب آگئے ہیں ہم تو کہا ان نے یاں سے جائو
صد چاک اپنے دل سے تو بگڑا ہی کی وہ زلف
افسوں کیا ہے شانے نے جو اس سے ہے بنائو
اس ہی زمیں میں میر غزل اور ایک کہہ
گو خوش نہ آوے سامعوں کو بات کا بڑھائو
میر تقی میر

ٹک آپ بھی تو آیئے یاں زور بائو ہے

دیوان اول غزل 569
دل کی طرف کچھ آہ سے دل کا لگائو ہے
ٹک آپ بھی تو آیئے یاں زور بائو ہے
اٹھتا نہیں ہے ہاتھ ترا تیغ جور سے
ناحق کشی کہاں تئیں یہ کیا سبھائو ہے
باغ نظر ہے چشم کے منظر کا سب جہاں
ٹک ٹھہرو یاں تو جانو کہ کیسا دکھائو ہے
تقریب ہم نے ڈالی ہے اس سے جوئے کی اب
جو بن پڑے ہے ٹک تو ہمارا ہی دائو ہے
ٹپکا کرے ہے آنکھ سے لوہو ہی روز و شب
چہرے پہ میرے چشم ہے یا کوئی گھائو ہے
ضبط سرشک خونیں سے جی کیونکے شاد ہو
اب دل کی طرف لوہو کا سارا بہائو ہے
اب سب کے روزگار کی صورت بگڑ گئی
لاکھوں میں ایک دو کا کہیں کچھ بنائو ہے
چھاتی کے میری سارے نمودار ہیں یہ زخم
پردہ رہا ہے کون سا اب کیا چھپائو ہے
عاشق کہیں جو ہو گے تو جانوگے قدر میر
اب تو کسی کے چاہنے کا تم کو چائو ہے
میر تقی میر