ٹیگ کے محفوظات: بربادی

‎موت جہاں بھی ناچ رہی ہے، ناچنے دو

‎خون کی پیاسی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎موت جہاں بھی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎جہل کی اس کالی آندھی کو روکو مت
‎اچھی خاصی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎عقل سے خطرہ تھا وہ ساکت بیٹھی ہے
‎بھیڑ جنوں کی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎اس کے لیے کیا وقتِ عصر قضا کردیں؟
‎ظلم کی دیوی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎ہم پر "مشعل” گُل کرنا ہی واجب تھا
‎رات اندھیری ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎تم ہو قوم کے رہبر، چوکیدار نہیں
‎دہشت گردی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎عورت کا پردے میں رہنا لازم ہے
‎وحشت ننگی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎وجدآور ہے تال بہت جلادی کی
‎ملت ساری ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎عزت داروں کو کیا ایسی لعنت سے
‎کاروکاری ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎آدھی قوم کو کوئی فرق نہیں پڑتا
‎باقی آدھی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
‎تم آباد ہو، چین سے شعر کہو عرفان
‎جو بربادی ناچ رہی ہے، ناچنے دو
عرفان ستار

خلوصِ زر لٹاتی جائے شہزادی محبت میں

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 314
بڑی سیدھی محبت میں بڑی سادی محبت
خلوصِ زر لٹاتی جائے شہزادی محبت میں
اسے دیوارِ جاں پر کوئی آویزاں کرے کیسے
کہ ہے تصویر کا ہر نقش فریادی محبت میں
نظر میں وصل کی قوسِ قزح ہے ،پاؤں میں بادل
سنورتی جاتی ہے پھولوں بھری وادی محبت میں
سنا ہے اپنے گھر کے بام و در تک پھونک آیا ہوں
جہاں تک مجھ سے ممکن تھا ،کی بربادی محبت میں
تیرے بالوں میں میرے انگلیوں کے تار لزراں ہوں
بس اتنی چاہئے منصور آزادی محبت میں
منصور آفاق