ٹیگ کے محفوظات: آبلے

رہتے ہیں ان کے گلے لگنے کے برسوں سے گلے

دیوان پنجم غزل 1756
عیدیں آئیں بارہا لیکن نہ وے آکر ملے
رہتے ہیں ان کے گلے لگنے کے برسوں سے گلے
اس زمانے کی تری سے لہر بہر اگلی کہاں
بے تہی کرنے لگے دریا دلوں کے حوصلے
غنچگی میں دیکھے ہیں صد رنگ جور آسماں
اب جو گل سا بکھرا ہوں دیکھوں کہ کیسا گل کھلے
سارے عالم کے حواس خمسہ میں ہے انتشار
ایک ہم تم ہی نہیں معلوم ہوتے دہ دلے
میر طے ہو گا بیابان محبت کس طرح
راہ ہے پرخار میرے پائوں میں ہیں آبلے
میر تقی میر

بدوضع یاں کے لڑکے کیا خوش معاملے ہیں

دیوان دوم غزل 901
دل لے کے کیسے کیسے جھگڑے مجادلے ہیں
بدوضع یاں کے لڑکے کیا خوش معاملے ہیں
گھبرانے لگتیاں ہیں رک رک کے تن میں جانیں
کرتے ہیں جو وفائیں ان ہی کے حوصلے ہیں
کیا قدر تھی سخن کی جب یاں بھی صحبتیں تھیں
ہر بات جائزہ ہے ہر بیت پر صلے ہیں
جب کچھ تھی جہت مجھ سے تب کس سے ملتے تھے تم
اطراف کے یہ بے تہ اب تم سے آملے ہیں
تھا واجب الترحم مظلوم عشق تھا میں
اس کشتۂ ستم کو تم سے بہت گلے ہیں
سوز دروں سے کیونکر میں آگ میں نہ لوٹوں
جوں شیشۂ حبابی سب دل پر آبلے ہیں
میں جی سنبھالتا ہوں وہ ہنس کے ٹالتا ہے
یاں مشکلیں ہیں ایسی واں یہ مساہلے ہیں
اندیشہ زاد رہ کا رکھیے تو ہے مناسب
چلنے کو یاں سے اکثر تیار قافلے ہیں
پانچوں حواس گم ہیں ہر اک کے اس سمیں میں
کیا میر جی ہی تنہا ان روزوں دہ دلے ہیں
میر تقی میر

پاؤں ہیں بے چین لیکن راستے ممنوع ہیں

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 370
جنگلوں میں جگنوں کے قافلے ممنوع ہیں
پاؤں ہیں بے چین لیکن راستے ممنوع ہیں
صرف پروانے کو جلنے کی اجازت بزم میں
رونے پر پابندیاں ہیں ، قہقہے ممنوع ہیں
دشت کی تپتی زمیں پرمعجزہ کوئی کریں
ننگے پاؤں چلنا ہے اور آبلے ممنوع ہیں
بام پر اب دل جلائیں اورمژہ پر دھڑکنیں
روشنی بھی کرنی ہے اور قمقمے ممنوع ہیں
موج کومنصورہے چلنا ہوا کے ساتھ ساتھ
ساحلوں پرپانیوں کے بلبلے ممنوع ہیں
منصور آفاق