زمرہ جات کے محفوظات: اصناف

ٹُوٹُو

میں سوچ رہا تھا۔ دنیا کی سب سے پہلی عورت جب ماں بنی تو کائنات کا رد عمل کیا تھا؟ دنیا کے سب سے پہلے مرد نے کیا آسمانوں کی طرف تمتماتی آنکھوں سے دیکھ کر دنیا کی سب سے پہلی زبان میں بڑے فخر کے ساتھ یہ نہیں کہا تھا۔

’’میں بھی خالق ہوں۔ ‘‘

ٹیلی فون کی گھنٹی بجنا شروع ہوئی۔ میرے آوارہ خیالات کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ بالکنی سے اٹھ کر میں اندر کمرے میں آیا۔ ٹیلی فون ضدی بچے کی طرح چلائے جارہا تھا۔ ٹیلی فون بڑی مفید چیز ہے، مگر مجھے اس سے نفرت ہے۔ اس لیے کہ یہ وقت بے وقت بجے لگنا ہے۔ چنانچہ بہت ہی بددلی سے میں نے ریسیور اٹھایا اور نمبر بتایا

’’فور فور فائیو سیون۔ ‘‘

دوسرے سرے سے ہیلو ہیلوشروع ہوئی۔ میں جھنجھلا گیا۔

’’کون ہے‘‘

جواب ملا۔

’’آیا۔ ‘‘

میں نے آیاؤں کے طرز گفتگو میں پوچھا۔

’’کس کومانگتا ہے؟‘‘

’’میم صاحب ہے۔ ‘‘

’’ہے۔ ٹھہرو۔ ‘‘

ٹیلی فون کا ریسیور ایک طرف رکھ کر میں نے اپنی بیوی کو جو غالباً اندر سو رہی تھی، آواز دی

’’میم صاحب۔ میم صاحب۔ ‘‘

آواز سن کر میری بیوی اٹھی اور جمائیاں لیتی ہوئی آئی۔

’’یہ کیا مذاق ہے۔ میم صاحب، میم صاحب!‘‘

میں نے مسکرا کہا۔

’’میم صاحب ٹھیک ہے۔ یاد ہے، تم نے اپنی پہلی آیا سے کہا تھا کہ مجھے میم صاحب کے بدلے بیگم صاحبہ کہا کرو تو اس نے بیگم صاحبہ کو بینگن صاحبہ بنا دیا تھا!‘‘

ایک مسکراتی ہوئی جمائی لے کر میری بیوی نے پوچھا۔

’’کون ہے۔ ‘‘

’’دریافت کرلو۔ ‘‘

میری بیوی نے ٹیلی فون اٹھایا اور ہیلو ہیلو شروع کردیا۔ میں باہر بالکنی میں چلا گیا۔ عورتیں ٹیلی فون کے معاملے میں بہت لمبی ہوتی ہیں۔ چنانچہ پندرہ بیس منٹ تک ہیلو ہیلو ہوتا رہا۔ میں سوچ رہا تھا۔ ٹیلی فون ہر دو تین الفاظ کے بعد ہیلو کیوں کہا جاتا ہے؟ کیا اس ہلو ہلوکے عقب میں احساس کمتری تو نہیں؟۔ بار بار ہلو صرف اسے کرنی چاہیے جسے اس بات کا اندیشہ ہو کہ اس کی مہمل گفتگو سے تنگ آکر سننے والا ٹیلی فون چھوڑ دے گا۔ یا ہو سکتا ہے یہ محض عادت ہو۔ دفعتاً میری بیوی گھبرائی ہوئی آئی۔

’’سعادت صاحب، اس دفعہ معاملہ بہت ہی سیریس معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘

’’کون سا معاملہ۔ ‘‘

معاملے کی نوعیت بتائے بغیر میری بیوی نے کہنا شروع کردیا۔

’’بات بڑھتے بڑھتے طلاق تک پہنچ گئی ہے۔ پاگل پن کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ میں شرط لگانے کے لیے تیار ہوں کہ بات کچھ بھی نہیں ہو گی۔ بس پُھسری کا بھگندر بنا ہو گا۔ دونوں سر پھرے ہیں۔ ‘‘

’’اجی حضرت کون؟‘‘

’’میں نے بتایا نہیں آپ کو؟۔ اوہ۔ ٹیلی فون، طاہرہ کا تھا!‘‘

’’طاہرہ۔ کون طاہرہ؟‘‘

’’مسز یزدانی۔ ‘‘

’’اوہ!‘‘

میں سارا معاملہ سمجھ گیا

’’کوئی نیا جھگڑا ہوا ہے؟‘‘

نیا اور بہت بڑا۔ جائیے یزدانی آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

’’مجھ سے کیا بات کرنا چاہتا ہے؟‘‘

’’معلوم نہیں۔ طاہرہ سے ٹیلی فون چھین کر مجھ سے فقط یہ کہا۔ بھابی جان، ذرا منٹوص احب کو بلائیے!‘‘

’’خواہ مخواہ میر مغز چاٹے گا‘‘

یہ کہہ کر میں اٹھا اور ٹیلی فون پر یزدانی سے مخاطب ہوا۔ اس نے صرف اتنا کہا

’’معاملہ بے حد نازک ہو گیا ہے۔ تم اور بھابی جان ٹیکسی میں فوراً یہاں آجاؤ۔ ‘‘

میں اور میری بیوی جلدی کپڑے تبدیل کرکے یزدانی کی طرف روانہ ہو گئے۔ راستے میں ہم دونوں نے یزدانی اور طاہرہ کے متعلق بے شمار باتیں کیں۔ طاہرہ ایک مشہور عشق پیشہ موسیقار کی خوبصورت لڑکی تھی۔ عطا یزدانی ایک پٹھان آڑھتی کا لڑکا تھا۔ پہلے شاعری شروع کی، پھر ڈرامہ نگاری، اس کے بعد آہستہ آہستہ فلمی کہانیاں لکھنے لگا۔ طاہرہ کا باپ اپنے آٹھویں عشق میں مشغول تھا اور عطا یزدانی علامہ مشرقی کی خاکسار تحریک کے لیے

’’بیچلہ‘‘

نامی ڈرامہ لکھنے میں۔ ایک شام پریڈ کرتے ہوئے عطا یزدانی کی آنکھیں طاہرہ کی آنکھوں سے چار ہوئیں۔ ساری رات جاگ کر اس نے ایک خط لکھا اور طاہرہ تک پہنچا دیا۔ چند ماہ تک دونوں میں نامہ و پیام جاری رہا اور آخر کار دونوں کی شادی بغیر کسی حیل حجت ہو گئی۔ عطا یزدانی کو اس بات کا افسوس تھا کہ ان کا عشق ڈرامے سے محروم رہا۔ طاہرہ بھی طبعاً ڈرامہ پسند تھی۔ عشق اور شادی سے پہلے سہیلیوں کے ساتھ باہر شوپنگ کو جاتی تو ان کے لیے مصیبت بن جاتی۔ گنجے آدمی کو دیکھتے ہی اس کے ہاتھوں میں کھجلی شروع ہو جاتی

’’میں اس کے سر پر ایک دھول تو ضرور جماؤں گی، چاہے تم کچھ ہی کرو۔ ‘‘

ذہین تھی۔ ایک دفعہ اس کے پاس کوئی پیٹی کوٹ نہیں تھا۔ اس نے کمر کے گرد ازار بند باندھا اور اس میں ساڑھی اڑس کر سہیلیوں کے ساتھ چل دی۔ کیا طاہرہ واقعی عطا یزدانی کے عشق میں مبتلا ہوئی تھی؟ اس کے متعلق وثوق کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا تھا۔ یزدانی کا پہلا عشقیہ خط ملنے پر اس کا رد عمل غالباً یہ تھا کہ کھیل دلچسپ ہے کیا ہرج ہے، کھیل لیا جائے۔ شادی پربھی اس کا رد عمل کچھ اسی قسم کا تھا۔ یوں تو مضبوط کردار کی لڑکی تھی، یعنی جہاں تک با عصمت ہونے کا تعلق ہے، لیکن تھی کھلنڈری۔ اور یہ جو آئے دن اس کا اپنے شوہر کے ساتھ لڑائی جھگڑا ہوتا تھا، میں سمجھتا ہوں ایک کھیل ہی تھا۔ لیکن جب ہم وہاں پہنچے اور حالات دیکھے تو معلوم ہوا کہ یہ کھیل بڑی خطرناک صورت اختیار کرگیا تھا۔ ہمارے داخل ہوتے ہی وہ شور برپا ہوا کہ کچھ سمجھ میں نہ آیا۔ طاہرہ اور یزدانی دونوں اونچے اونچے سروں میں بولنے لگے۔ گلے، شکوے، طعنے منے‘۔ پرانے مردوں پر نئی لاشیں، نئی لاشوں پرپرانے مردے۔ جب دونوں تھک گئے تو آہستہ آہستہ لڑائی کی نوک پلک نکلنے لگی۔ طاہرہ کو شکایت تھی کہ عطا اسٹوڈیو کی ایک واہیات ایکٹرس کو ٹیکسیوں میں لیے لیے پھرتا ہے۔ یزدانی کا بیان تھا کہ یہ سراسر بہتان ہے۔ طاہرہ قرآن اٹھانے کے لیے تیار تھی عطا کا اس ایکٹرس سے ناجائز تعلق ہے۔ جب وہ صاف انکاری ہوا تو طاہرہ نے بڑی تیزی کے ساتھ کہا۔

’’کتنے پارسا بنتے ہو۔ یہ آیا جو کھڑی ہے۔ کیا تم نے اسے چومنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ وہ تو میں اوپر سے آگئی۔ ‘‘

یزدانی گرجا

’’بکواس بند کرو۔ ‘‘

اس کے بعد پھر وہی شور برپا ہو گیا۔ میں نے سمجھایا۔ میری بیوی نے سمجھایا مگر کوئی اثر نہ ہوا۔ عطا کو تومیں نے ڈانٹا بھی

’’زیادتی سراسر تمہاری ہے۔ معافی مانگو اور یہ قصہ ختم کرو۔ ‘‘

عطا نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ میری طرف دیکھا

’’سعادت، یہ قصہ یوں ختم نہیں ہو گا۔ میرے متعلق یہ عورت بہت کچھ کہہ چکی ہے، لیکن میں نے اس کے متعلق ایک لفظ بھی منہ سے نہیں نکالا۔ عنایت کو جانتے ہو تم؟‘‘

’’عنایت؟‘‘

’’پلے بیک سنگر۔ اس کے باپ کا شاگرد!‘‘

’’ہاں ہاں‘‘

’’اول درجے کا چھٹا ہوا بدمعاش ہے۔ مگر یہ عورت ہر روز اسے یہاں بلاتی ہے۔ بہانہ یہ ہے کہ۔ ‘‘

طاہرہ نے اس کی بات کاٹ دی۔

’’بہانہ وہانہ کچھ نہیں۔ بولو، تم کیا کہنا چاہتے ہو؟‘‘

عطا نے انتہائی نفرت کے ساتھ کہا۔

’’کچھ نہیں۔ ‘‘

طاہرہ نے اپنے ماتھے پر بالوں کی جھالر ایک طرف ہٹائی۔

’’عنایت میرا چاہنے والا ہے۔ بس!‘‘

عطا نے گالی دی۔ عنایت کو موٹی اور طاہرہ کو چھوٹی۔ پھر شور برپا ہو گیا۔ ایک بار پھر وہی کچھ دہرایا گیا۔ جو پہلے کئی بار کہا جا چکا تھا۔ میں نے اور میری بیوی نے بہت ثالثی کی مگر نتیجہ وہی صفر۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے عطا اور طاہرہ دونوں اپنے جھگڑے سے مطمئن نہیں۔ لڑائی کے شعلے ایک دم بھڑکتے تھے اور کوئی مرئی نتیجہ کیے بغیر ٹھنڈے ہو جاتے تھے۔ پھر بھڑکائے جاتے تھے، لیکن ہوتا ہوتا کچھ نہیں تھا۔ میں بہت دیر تک سوچتا رہا کہ عطا اور طاہرہ چاہتے کیا ہیں مگر کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا۔ مجھے بڑی الجھن ہورہی تھی۔ دو گھنٹے سے بک بک اور جھک جھک جاری تھی۔ لیکن انجام خدا معلوم کہاں بھٹک رہا تھا۔ تنگ آکر میں نے کہا

’’بھئی، اگر تم دونوں کی آپس میں نہیں نبھ سکتی تو بہتر یہی ہے کہ علیحدہ ہو جاؤ۔ ‘‘

طاہرہ خاموش رہی، لیکن عطا نے چند لمحات غور کرنے کے بعد کہا۔

’’علیحدگی نہیں۔ طلاق!‘‘

طاہرہ چلائی

’’طلاق، طلاق، طلاق۔ دیتے کیوں نہیں طلاق۔ میں کب تمہارے پاؤں پڑی ہوں کہ طلاق نہ دو۔ ‘‘

عطا نے بڑی مضبوط لہجے میں کہا۔

’’دے دوں گا اور بہت جلد۔ ‘‘

طاہرہ نے اپنے ماتھے پر سے بالوں کی جھالر ایک طرف ہٹائی۔

’’آج ہی دو۔ ‘‘

عطا اٹھ کر ٹیلی فون کی طرف بڑھا۔

’’میں قاضی سے بات کرتا ہوں۔ ‘‘

جب میں نے دیکھا کہ معاملہ بگڑ رہا ہے تو اٹھ کر عطا کو روکا

’’بے وقوف نہ بنو۔ بیٹھو آرام سے!‘‘

طاہرہ نے کہا۔

’’نہیں بھائی جان، آپ مت روکیے۔ ‘‘

میری بیوی نے طاہرہ کو ڈانٹا۔

’’بکواس بند کرو۔ ‘‘

’’یہ بکواس صرف طلاق ہی سے بند ہو گی۔ ‘‘

یہ کہہ کر طاہرہ ٹانگ ہلانے لگی۔

’’سن لیا تم نے‘‘

عطا مجھ سے مخاطب ہو کر پھر ٹیلی فون کی طرف بڑھا، لیکن میں درمیان میں کھڑا ہو گیا۔ طاہرہ میری بیوی سے مخاطب ہوئی

’’مجھے طلاق دے کر اس چڈد ایکٹرس سے بیاہ رچائے گا۔ ‘‘

عطا نے طاہرہ سے پوچھا۔

’’اور تو؟‘‘

طاہرہ نے ماتھے پر بالوں کے پسینے میں بھیگی ہوئی جھالر ہاتھ سے اوپر کی۔

’’میں۔ تمہارے اس یوسفِ ثانی عنایت خان سے!‘‘

’’بس اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔ حد ہو گئی ہے۔ تم ہٹ جاؤ ایک طرف‘‘

عطا نے ڈائرکٹری اٹھائی اور نمبر دیکھنے لگا۔ جب وہ ٹیلی فون کرنے لگا تو میں نے اسے روکنا مناسب نہ سمجھا۔ اس نے ایک دو مرتبہ ڈائل کیا۔ لیکن نمبر نہ ملا۔ مجھے موقعہ ملا تو میں نے اسے پرزور الفاظ میں کہا کہ اپنے ارادے سے باز رہے۔ میری بیوی نے بھی اس سے درخواست کی مگر وہ نہ مانا۔ اس پر طاہرہ نے کہا۔

’’صفیہ۔ ‘‘

تم کچھ نہ کہو۔ اس آدمی کے پہلو میں دل نہیں پتھر ہے۔ میں تمہیں وہ خط دکھاؤں گی جو شادی سے پہلے اس نے مجھے لکھے تھے۔ اس وقت میں اس کے دل کا فرار اس کی آنکھوں کا نور تھی۔ میری زبان سے نکلا ہوا صرف ایک لفظ اس کے تِن مردہ میں جان ڈالنے کے لیے کافی تھا۔ میرے چہرے کی صرف ایک جھلک دیکھ کر یہ بخوشی مرنے کے لیے تیار تھا۔ لیکن آج اسے میری ذرہ برابر پروا نہیں۔ ‘‘

عطا نے ایک بار پھر نمبر ملانے کی کوشش کی۔ طاہرہ بولتی رہی

’’میرے باپ کی موسیقی سے بھی اسے عشق تھا۔ اس کو فخر تھا کہ اتنا بڑا آرٹسٹ مجھے اپنی دامادی میں قبول کررہا ہے۔ شادی کی منظوری حاصل کرنے کے لیے اس نے ان کے پاؤں تک دابے، پر آج اسے ان کا کوئی خیال نہں۔ ‘‘

عطا ڈائل گھماتا رہا۔ طاہرہ مجھ سے مخاطب ہو۔

’’آپ کو یہ بھائی کہتا ہے، آپ کی عزت کرتا ہے۔ کہتا تھا جو کچھ بھائی جان کہیں گے میں مانوں گا۔ لیکن آپ دیکھ ہی رہے ہیں۔ ٹیلی فون کررہا ہے قاضی کو۔ مجھے طلاق دینے کے لیے۔ ‘‘

میں نے ٹیلی فون ایک طرف ہٹا دیا۔

’’عطا، اب چھوڑو بھی۔ ‘‘

’’نہیں‘‘

یہ کہہ کر اس نے ٹیلی فون اپنی طرف گھسیٹ لیا۔ طاہرہ بولی

’’جانے دیجیے بھائی جان۔ اس کے دل میں میرا کیا، ٹُوٹُو کا بھی کچھ خیال نہیں!‘‘

عطا تیزی سے پلٹا۔

’’نام نہ لو ٹُو ٹُو کا!‘‘

طاہرہ نے نتھنے پھلا کرکہا۔

’’کیوں نام نہ لوں اس کا۔ ‘‘

عطا نے ریسیور رکھ دیا۔

’’وہ میرا ہے!‘‘

طاہرہ اٹھی کھڑی ہوئی۔

’’جب میں تمہاری نہیں ہوں تو وہ کیسے تمہارا ہو سکتا ہے۔ تم تو اس کا نام بھی نہیں لے سکتے۔ ‘‘

عطا نے کچھ دیر سوچا۔

’’میں سب بندوبست کرلوں گا۔ ‘‘

طاہرہ کے چہرے پر ایک دم زردی چھا گئی۔

’’ٹُو ٹُو کو چھین لو گے مجھ سے؟‘‘

عطا نے بڑے مضبوط لہجے میں جواب دیا۔

’’ہاں۔ ‘‘

’’ظالم۔ ‘‘

طاہرہ کے منہ سے ایک چیخ نکلی۔ بے ہوش کر گرنے والی ہی تھی کہ میری بیوی نے اسے تھام لیا۔ عطا پریشان ہو گیا۔ پانی کے چھینٹے۔ یوڈی کلونم۔ سملنگ سالٹ۔ ڈاکٹروں کو ٹیلی فون۔ اپنے بال نوچ ڈالے، قمیض پھاڑ ڈ الی۔ طاہرہ ہوش میں آئی تو وہ اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر تھپکنے لگا۔

’’جانم ٹوٹو تمہارا ہے۔ ٹوٹو تمہارا ہے۔ ‘‘

طاہرہ نے رونا شروع کردیا۔

’’نہیں وہ تمہارا ہے۔ ‘‘

عطا نے طاہرہ کی آنسوؤں بھری آنکھوں کو چومنا شروع کردیا۔

’’میں تمہارا ہوں۔ تم میری ہو۔ ٹوٹو تمہارا بھی ہے، میرا بھی ہے!‘‘

میں نے اپنی بیوی سے اشارہ کیا۔ وہ باہر نکلی تو میں بھی تھوڑی دیر کے بعد چل دیا۔ ٹیکسی کھڑی تھی، ہم دونوں بیٹھ گئے۔ میری بیوی مسکرا رہی تھی۔ میں نے اس سے پوچھا

’’یہ ٹوٹو کون ہے؟‘‘

میری بیوی کھکھلا کر ہنس پڑی۔

’’ان کا لڑکا‘‘

میں نے حیرت سے پوچھا۔

’’لڑکا؟‘‘

میری بیوی نے اثبات میں سر ہلا دیا۔ میں نے اور زیادہ حیرت سے پوچھا

’’کب پیدا ہوا تھا۔ میرا مطلب ہے۔

’’ابھی پیدا نہیں ہوا۔ چوتھے مہینے میں ہے۔ ‘‘

چوتھے مہینے، یعنی اس واقعے کے چار مہینے بعد، میں باہر بالکنی میں بالکی خالی الذہن بیٹھا تھا کہ ٹیلی فون کی گھنٹی بجنا شروع ہوئی۔ بڑی بے دلی سے اٹھنے والا تھا کہ آواز بند ہو گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد میری بیوی آئی۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’کون تھا۔ ‘‘

’’یزدانی صاحب۔ ‘‘

’’کوئی نئی لڑائی تھی؟‘‘

’’نہیں۔ طاہرہ کے لڑکی ہوئی ہے۔ مری ہوئی‘‘

یہ کہہ کر وہ روتی ہوئی اندر چلی گئی۔ میں سوچنے لگا۔

’’اگر اب طاہرہ اور عطا کا جھگڑا ہوا تو اسے کون ٹُو ٹُو چکائے گا۔ ؟‘‘

سعادت حسن منٹو

ٹوبہ ٹیک سنگھ

بٹوارے کے دو تین سال بعد پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں کو خیال آیا کہ اخلاقی قیدیوں کی طرح پاگلوں کا تبادلہ بھی ہونا چاہیے یعنی جو مسلمان پاگل، ہندوستان کے پاگل خانوں میں ہیں انھیں پاکستان پہنچا دیا جائے اور جو ہندو اور سکھ، پاکستان کے پاگل خانوں میں ہیں انھیں ہندوستان کے حوالے کردیا جائے۔ معلوم نہیں یہ بات معقول تھی یا غیر معقول، بہر حال دانش مندوں کے فیصلے کے مطابق ادھر ادھر اونچی سطح کی کانفرنسیں ہوئیں اور بالآخر ایک دن پاگلوں کے تبادلے کے لیے مقرر ہو گیا۔ اچھی طرح چھان بین کی گئی۔ وہ مسلمان پاگل جن کے لواحقین ہندوستان ہی میں تھے۔ وہیں رہنے دیے گئے تھے۔ جو باقی تھے، ان کو سرحد پر روانہ کردیا گیا۔ یہاں پاکستان میں چونکہ قریب قریب تمام ہندو، سکھ جا چکے تھے اسی لیے کسی کو رکھنے رکھانے کا سوال ہی نہ پیدا ہوا۔ جتنے ہندو، سکھ پاگل تھے سب کے سب پولیس کی حفاظت میں بارڈرپر پہنچا دیے گئے۔ ادھر کا معلوم نہیں، لیکن ادھر لاہور کے پاگل خانے میں جب اس تبادلے کی خبر پہنچی تو بڑی دلچسپ چہ مے گوئیاں ہونے لگیں۔ ایک مسلمان پاگل جو بارہ برس سے ہر روز باقاعدگی کے ساتھ

’’زمیندار‘‘

پڑھتا تھا، اس سے جب اس کے ایک دوست نے پوچھا۔

’’مولبی ساب! یہ پاکستان کیا ہوتا ہے؟‘‘

تو اس نے بڑے غور و فکر کے بعد جواب دیا۔

’’ہندوستان میں ایک ایسی جگہ ہے جہاں استرے بنتے ہیں۔ ‘‘

یہ جواب سن کر اس کا دوست مطمئن ہو گیا۔ اسی طرح ایک سکھ پاگل نے ایک دوسرے سکھ پاگل سے پوچھا۔

’’سردار جی ہمیں ہندوستان کیوں بھیجا رہا ہے۔ ہمیں تو وہاں کی بولی نہیں آتی۔ ‘‘

دوسرا مسکرایا۔

’’مجھے تو ہندوستوڑوں کی بولی آتی ہے۔ ہندوستانی بڑے شیطانی، اکڑ اکڑ پھرتے ہیں۔ ‘‘

ایک دن نہاتے نہاتے ایک مسلمان پاگل نے

’’پاکستان زندہ باد‘‘

کا نعرہ اس زور سے بلند کیا کہ فرش پر پھسل کر گرا اور بے ہوش ہو گیا۔ بعض پاگل ایسے بھی تھے جو پاگل نہیں تھے۔ ان میں اکثریت ایسے قاتلوں کی تھی جن کے رشتہ داروں نے افسروں کو دے دلا کر، پاگل خانے بھجوا دیا تھا کہ پھانسی کے پھندے سے بچ جائیں۔ یہ کچھ کچھ سمجھتے تھے کہ ہندوستان کیوں تقسیم ہوا ہے اور یہ پاکستان کیا ہے۔ لیکن صحیح واقعات سے وہ بھی خبر تھے۔ اخباروں سے کچھ پتا نہیں چلتا تھا اور پہرہ دار سپاہی ان پڑھ اور جاہل تھے۔ ان کی گفتگوؤں سے بھی وہ کوئی نتیجہ برآمد نہیں کرسکتے تھے۔ ان کو صرف اتنا معلوم تھا کہ ایک آدمی محمد علی جناح ہے جس کو قائداعظم کہتے ہیں۔ اس نے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ملک بنایا ہے جس کا نام پاکستان ہے۔ یہ کہاں ہے، اس کا محل وقوع کیا ہے، اس کے متعلق وہ کچھ نہیں جانتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پاگل خانے میں وہ سب پاگل جن کا دماغ پوری طرح ماؤف نہیں ہوا تھا، اس مخصمے میں گرفتار تھے کہ وہ پاکستان میں ہیں یا ہندوستان میں۔ اگرہندوستان میں ہیں تو پاکستان کہاں ہے! اگر وہ پاکستان میں ہیں تو یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ وہ کچھ عرصے پہلے یہیں رہتے ہوئے بھی ہندوستان میں تھے! ایک پاگل تو پاکستان اور ہندوستان۔ اور ہندوستان اور پاکستان کے چکر میں کچھ ایسا گرفتار ہوا کہ اور زیادہ پاگل ہو گیاجھاڑو دیتے ایک دن درخت پر چڑھ گیا اور ٹہنے پر بیٹھ کر دو گھنٹے مسلسل تقریر کرتا رہا جو پاکستان اور ہندوستان کے نازک مسئلے پر تھی۔ سپاہیوں نے اسے نیچے اترنے کو کہا تووہ اور اوپر چڑھ گیا۔ ڈرایا دھمکایا گیا تو اس نے کہا۔

’’میں ہندوستان میں رہنا چاہتا ہوں نہ پاکستان میں۔ میں اس درخت پر ہی رہوں گا۔ ‘‘

بڑی مشکلوں کے بعد جب اس کا دورہ سرد پڑا تو وہ نیچے اترا اور اپنے ہندو سکھ دوستوں سے گلے مل مل کر رونے لگا۔ اس خیال سے اس کا دل بھر آیا تھا کہ وہ اسے چھوڑکر ہندوستان چلے جائیں گے۔ ایک ایم۔ ایس۔ سی پاس ریڈیو انجنیئر میں جو مسلمان تھا اور دوسرے پاگلوں سے بالکل الگ تھلگ، باغ کی ایک خاص روش پر، سارا دن خاموش ٹہلتا رہتا تھا، یہ تبدیلی نمودار ہوئی کہ اس نے تمام کپڑے اتار کر دفعدار کے حوالے کردیے اور ننگ دھڑنگ سارے باغ میں چلنا پھرنا شروع کردیا۔ چنیوٹ کے ایک موٹے مسلمان پاگل نے جو مسلم لیگ کا سرگرم کارکن رہ چکا تھا اور دن میں پندرہ سو مرتبہ نہایا کرتا تھا، یک لخت یہ عادت ترک کردی۔ اس کا نام محمد علی تھا۔ چنانچہ اس نے ایک دن اپنے جنگلے میں اعلان کردیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح ہے۔ اس کی دیکھا دیکھی ایک سکھ پاگل ماسٹر تارا سنگھ بن گیا۔ قریب تھا کہ اس جنگلے میں خون خرابہ ہو جائے مگر دونوں کو خطرناک پاگل قرار دے کر علیحدہ علیحدہ بند کردیا گیا۔ لاہور کا ایک نوجوان ہندووکیل تھا جو محبت میں ناکام ہو کر پاگل ہو گیا تھا۔ جب اس نے سنا کہ امرتسر ہندوستان میں چلا گیا ہے تو اسے بہت دکھ ہوا۔ اسی شہر کی ایک ہندو لڑکی سے اسے محبت ہوئی تھی۔ گو اس نے اس وکیل کو ٹھکرا دیا تھا، مگر دیوانگی کی حالت میں بھی وہ اس کو نہیں بھولا تھا۔ چنانچہ وہ ان تمام ہندو اور مسلم لیڈروں کو گالیاں دیتا تھا جنہوں نے مل ملا کر ہندوستان کے دو ٹکڑے کردیے۔ اس کی محبوبہ ہندوستانی بن گئی اور وہ پاکستانی۔ جب تبادلے کی بات شروع ہوئی تووکیل کو کئی پاگلوں نے سمجھایا کہ وہ دل برا نہ کرے، اس کوہندوستان بھیج دیا جائے گا۔ اس ہندوستان میں جہاں اس کی محبوبہ رہتی ہے۔ مگر وہ لاہور چھوڑنا نہیں چاہتا تھا اس لیے کہ اس کا خیال تھا کہ امرتسر میں اس کی پریکٹس نہیں چلے گی۔ یورپین وارڈ میں اینگلو انڈین پاگل تھے۔ ان کو جب معلوم ہوا کہ ہندوستان کو آزاد کرکے انگریز چلے گئے ہیں تو ان کو بہت صدمہ ہوا۔ وہ چھپ چھپ کر گھنٹوں آپس میں اس اہم مسئلے پر گفتگو کرتے رہتے کہ پاگل خانے میں اب ان کی حیثیت کس قسم کی ہو گی۔ یورپین وارڈ رہے گا یا اڑا دیا جائے گا۔ بریک فاسٹ ملا کرے گا یا نہیں۔ کیا انھیں ڈبل روٹی کے بجائے بلڈی انڈین چپاتی تو زہر مار نہیں کرنا پڑے گی۔ ایک سکھ تھا جس کو پاگل خانے میں داخل ہوئے پندرہ برس ہو چکے تھے۔ ہر وقت اس کی زبان سے یہ عجیب وغریب الفاظ سننے میں آتے تھے۔

’’اوپڑدی گڑگڑدی انیکس دی بے دھیانادی منگ دی دال اف دی لالٹین۔ ‘‘

دیکھتا تھا رات کو۔ پہرہداروں کا یہ کہنا تھا کہ پندرہ برس کے طویل عرصے میں وہ ایک لحظے کے لیے بھی نہیں سویا۔ لیٹا بھی نہیں تھا۔ البتہ کبھی کبھی کسی دیوار کے ساتھ ٹیک لگا لیتا تھا۔ ہر وقت کھڑا رہنے سے اس کے پاؤں سوج گئے تھے۔ پنڈلیاں بھی پھول گئی تھیں، مگر اس جسمانی تکلیف کے باوجود لیٹ کر آرام نہیں کرتا تھا۔ ہندوستان، پاکستان اور پاگلوں کے تبادلے کے متعلق جب کبھی پاگل خانے میں گفتگو ہوتی تھی وہ غور سے سنتا تھا۔ کوئی اس سے پوچھتا تھا کہ اس کا کیا خیال ہے تو وہ بڑی سنجیدگی سے جواب دیتا۔

’’اوپڑدی گڑ گڑ دی انیکس دی بے دھیانا دی منگ دی وال آف دی پاکستان گورنمنٹ۔ ‘‘

لیکن بعد میں

’’آف دی پاکستان گورنمنٹ‘‘

کی جگہ

’’اوف دی ٹوبہ ٹیک سنگھ گورنمنٹ‘‘

نے لی لی اور اس نے دوسرے پاگلوں سے پوچھنا شروع کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے جہاں کا وہ رہنے والا ہے۔ لیکن کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ پاکستان میں ہے یا ہندوستان میں۔ جو بتانے کی کوشش کرتے تھے، خود اس الجھاؤ میں گرفتار ہو جاتے تھے کہ سیالکوٹ پہلے ہندوستان میں ہوتا تھا پر اب سنا ہے کہ پاکستان میں ہے، کیا پتہ ہے کہ لاہور جواب پاکستان میں ہے کل ہندوستان میں چلا جائے۔ یا سارا ہندوستان ہی پاکستان بن جائے اور یہ بھی کون سینے پر ہاتھ رکھ کر کہہ سکتا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کسی دن سرے سے غائب ہی ہو جائیں۔ اس سکھ پاگل کے کیس چھدرے ہو کر بہت مختصر رہ گئے تھے۔ چونکہ بہت کم نہاتا تھا، اس لیے داڑھی اور سر کے بال آپس میں جم گئے تھے، جس کے باعث اس کی شکل بڑی بھیانک ہو گئی تھی۔ مگر آدمی بے ضرر تھا۔ پندرہ برسوں میں اس نے کبھی کسی سے جھگڑا فساد نہیں کیا تھا۔ پاگل خانے کے جو پرانے ملازم تھے، وہ اس کے متعلق جانتے تھے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اس کی کئی زمینیں تھیں۔ اچھا کھاتا پیتا زمیندار تھا کہ اچانک دماغ الٹ گیا۔ اس کے رشتہ دار لوہے کی موٹی موٹی زنجیروں میں اسے باندھ کر لا ئے اور پاگل خانے میں داخل کرا گئے۔ مہینے میں ایک بارملاقات کے لیے یہ لوگ آتے تھے اور اس کی خیر خیریت دریافت کرکے چلے جاتے تھے۔ ایک مدت تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ پر جب پاکستان، ہندوستان کی گڑبڑ شروع ہوئی تو ان کا آنا بند ہو گیا۔ اس کا نام بشن سنگھ تھا مگر اسے ٹوبہ ٹیک سنگھ کہتے تھے۔ اس کو یہ قطعاً معلوم نہیں تھا کہ دن کون سا ہے، مہینہ کون سا ہے یا کتنے سال بیت چکے ہیں۔ لیکن ہر مہینے جب اس کے عزیز و اقارب اس سے ملنے کے لیے آتے تھے تو اسے اپنے آپ پتہ چل جاتا تھا۔ چنانچہ وہ دفعدار سے کہتا کہ اس کی ملاقات آرہی ہے۔ اس دن وہ اچھی طرح نہاتا، بدن پر خوب صابن گھستا اور سر میں تیل لگا کر کنگھا کرتا، اپنے کپڑے جو وہ کبھی استعمال نہیں کرتا تھا، نکلوا کے پہنتا اور یوں سج کر ملنے والوں کے پاس جاتا۔ وہ اس سے کچھ پوچھتے تو وہ خاموش رہتا یا کبھی کبھار

’’اوپر دی گڑگڑ دی انیکس دی بے دھیانا دی منگ دی وال آف دی لالٹین‘‘

کہہ دیتا۔ اس کی ایک لڑکی تھی جوہر مہینے ایک انگلی بڑھتی بڑھتی پندرہ برسوں میں جوان ہو گئی تھی۔ بشن سنگھ اس کو پہچانتا ہی نہیں تھا۔ وہ بچی تھی جب بھی اپنے باپ کو دیکھ کر روتی تھی، جوان ہوئی تب بھی اس کی آنکھوں سے آنسو بہتے تھے۔ پاکستان اور ہندوستان کا قصہ شروع ہوا تو اس نے دوسرے پاگلوں سے پوچھنا شروع کیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے۔ جب اطمینان بخش جواب نہ ملا تو اس کی کرید دن بدن بڑھتی گئی۔ اب ملاقات بھی نہیں آتی تھی۔ پہلے تو اسے اپنے آپ پتہ چل جاتا تھا کہ ملنے والے آرہے ہیں، پر اب جیسے اس کے دل کی آواز بھی بند ہو گئی تھی جو اسے ان کی آمد کی خبر دے دیا کرتی تھی۔ اس کی بڑی خواہش تھی کہ وہ لوگ آئیں جو اس سے ہمدردی کا اظہار کرتے تھے اور اس کے لیے پھل، مٹھائیاں اور کپڑے لاتے تھے۔ وہ اگر ان سے پوچھتا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے؟ تو وہ اسے یقیناً بتا دیتے کہ پاکستان میں ہے یا ہندوستان میں کیونکہ اس کا خیال تھا کہ وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہی سے آتے ہیں، جہاں اس کی زمینیں ہیں۔ پاگل خانے میں ایک پاگل ایسا بھی تھا جو خود کو خدا کہتا تھا۔ اس سے جب ایک روز بشن سنگھ نے پوچھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پاکستان میں ہے یا ہندوستان میں تو اس نے حسب عادت قہقہہ لگایا اور کہا

’’وہ پاکستان میں ہے نہ ہندوستان میں۔ اس لیے کہ ہم نے ابھی تک حکم نہیں دیا۔ ‘‘

بشن سنگھ نے اس خدا سے کئی مرتبہ منت سماجت سے کہا کہ وہ حکم دیدے تاکہ جھنجھٹ ختم ہو، مگر وہ بہت مصروف تھا اس لیے کہ اسے اور بے شمار حکم دینے تھے۔ ایک دن تنگ آکر وہ اس پر برس پڑا:

’’اوپڑ دی گڑ گڑ دی انیکس دی بے دھیانا دی منگ دی دال آف واہے گورجی دا خالصہ اینڈ واہے گوروجی کی فتح۔ جو بولے سونہال، ست سری اکال۔ ‘‘

اس کا شاید یہ مطلب تھا کہ تم مسلمان کے خدا ہو۔ سکھوں کے خدا ہوتے تو ضرور میری سنتے۔ تبادلے سے کچھ دن پہلے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایک مسلمان جو اس کا دوست تھا، ملاقات کے لیے آیا۔ پہلے وہ کبھی نہیں آیا تھا۔ جب بشن سنگھ نے اسے دیکھا تو ایک طرف ہٹ گیا اور واپس جانے لگا، مگر سپاہیوں نے اسے روکا۔

’’یہ تم سے ملنے آیا ہے۔ تمہارا دوست فضل دین ہے۔ ‘‘

بشن سنگھ نے فضل دین کو ایک نظر دیکھا اور کچھ بڑبڑانے لگا۔ فضل دین نے آگے بڑھ کر اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا‘‘

میں بہت دنوں سے سوچ رہا تھا کہ تم سے ملوں لیکن فرصت ہی نہ ملی۔ تمہارے سب آدمی خیریت سے ہندوستان چلے گئے۔ مجھ سے جتنی مدد ہوسکی، میں نے کی۔ تمہاری بیٹی روپ کور۔ ‘‘

وہ کچھ کہتے کہتے روک گیا۔ بشن سنگھ کچھ یاد کرنے لگا۔

’’بیٹی روپ کور!‘‘

فضل دین نے رک رک کر کہا

’’ہاں۔ وہ۔ وہ بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔ ان کے ساتھ ہی چلی گئی۔ ‘‘

بشن سنگھ خاموش رہا۔ فضل دین نے کہنا شروع کیا

’’انھوں نے مجھ سے کہا تھا کہ تمہاری خیر خیریت پوچھتا رہوں۔ اب میں نے سنا ہے کہ تم ہندوستان جارہے ہو۔ بھائی بلبیر سنگھ اور بھائی ودھاوا سنگھ سے میرا سلام کہنا۔ اور بہن امرت کور سے بھی۔ بھائی بلبیر سے کہنا فضل دین راضی خوشی ہے۔ دو بھوری بھینسیں جو وہ چھوڑ گئے تھے، ان میں سے ایک نے کٹا دیا ہے۔ اور دوسری کے کٹی ہوئی تھی پر وہ چھ دن کی ہو کے مر گئی۔ اور۔ میرے لائق جو خدمت ہو کہنا، میں ہر وقت تیار ہوں۔ اور یہ تمہارے لیے تھوڑے سے مرونڈے لایا ہوں۔ ‘‘

بشن سنگھ نے مرونڈوں کی پوٹلی لے کر پاس کھڑے سپاہی کے حوالے کردی اور فضل دین سے پوچھا۔

’’ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے؟‘‘

فضل دین نے قدرے حیرت سے کہا۔

’’کہاں ہے۔ وہیں ہے جہاں تھا۔ ‘‘

بشن سنگھ نے پھر پوچھا۔

’’پاکستان میں یا ہندوستان میں؟‘‘

’’ہندوستان میں۔ نہیں نہیں، پاکستان میں۔ ‘‘

فضل دین بوکھلا سا گیا۔ بشن سنگھ بڑبڑاتا ہوا چلا گیا۔

’’اوپڑ دی گڑ گڑ دی انیکس دی بے دھیانا دی منگ دی دال آف پاکستان اینڈ ہندوستان آف دی درفٹے منہ۔ ‘‘

تبادلے کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔ ادھر سے ادھر اور ادھر سے ادھر آنے والے پاگلوں کی فہرستیں پہنچ گئی تھیں اور تبادلے کا دن بھی مقرر ہو چکا تھا۔ سخت سردیاں تھیں، جب لاہور کے پاگل خانے سے ہندو، سکھ پاگلوں سے بھری ہوئی لاریاں پولیس کے محافظ د ستے کے ساتھ روانہ ہوئیں۔ متعلقہ افسر بھی ہمراہ تھے۔ واہگہ کے بارڈر پر طرفین کے سپرنٹنڈنٹ ایک دوسرے سے ملے اور ابتدائی کارروائی ختم ہونے کے بعد تبادلہ شروع ہو گیا جو رات بھر جاری رہا۔ پاگلوں کو لاریوں سے نکالنا اور ان کو دوسرے افسروں کے حوالے کرنا بڑا کٹھن کام تھا۔ بعض تو باہر نکلتے ہی نہیں تھے۔ جو نکلنے پررضا مند ہوئے تھے، ان کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا تھا کیوں کہ ادھر ادھر بھاگ اٹھتے تھے، جو ننگے تھے، ان کو کپڑے پہنائے جاتے وہ پھاڑ کر اپنے تن سے جدا کردیتے۔ کوئی گالیاں بک رہا ہے۔ کوئی گا رہا ہے۔ آپس میں لڑ جھگڑ رہے ہیں۔ رو رہے ہیں، بلک رہے ہیں۔ کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ پاگل عورتوں کا شور و غوغا الگ تھا اور سردی اتنی کڑاکے کی تھی کہ دانت سے دانت بج رہے تھے۔ پاگلوں کی اکثریت اس تبادلے کے حق میں نہیں تھی، اس لے کہ ان کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ انھیں اپنی جگہ سے اکھاڑ کر یہاں پھینکا جارہا ہے۔ وہ چند جو کچھ سوچ سمجھ سکتے تھے۔

’’پاکستان زندہ باد‘‘

اور

’’پاکستان مردہ باد‘‘

کے نعرے لگا رہے تھے۔ دو تین مرتبہ فساد ہوتے ہوتے بچا کیوں کہ بعض مسلمانوں اور سکھوں کو یہ نعرہ سن کر طیش آگیا تھا۔ جب بشن سنگھ کی باری آئی اور واہگہ کے اس پار متعلقہ افسر اس کا نام رجسٹر میں درج کرنے لگا تو اس نے پوچھا۔

’’ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے۔ پاکستان میں یا ہندوستان میں؟‘‘

متعلقہ افسر ہنسا۔

’’پاکستان میں۔ ‘‘

یہ سن کر بشن سنگھ اچھی کر ایک طرف ہٹا اور دوڑ کر اپنے باقی ماندہ ساتھیوں کے پاس پہنچ گیا۔ پاکستانی سپاہیوں نے اسے پکڑ لیا اور دوسری طرف لے جانے لگے، مگر اس نے چلنے سے انکار کردیا:

’’ٹوبہ ٹیک سنگھ یہاں ہے۔ ‘‘

اور زور زور سے چلانے لگا۔

’’اوپڑ دی گڑ گڑ دی انیکس دی بے دھیانا دی منگ دی دال آف ٹوبہ ٹیک سنگھ اینڈ پاکستان۔ ‘‘

اسے بہت سمجھایا گیا کہ دیکھو اب ٹوبہ ٹیک سنگھ ہندوستان میں چلا گیا ہے۔ اگر نہیں گیا تو اسے فوراً وہاں بھیج دیا جائے گا، مگر وہ نہ مانا۔ جب اس کو زبردستی دوسری طرف لے جانے کی کوشش کی گئی تو وہ درمیان میں ایک جگہ اس انداز میں اپنی سوجی ہوئی ٹانگوں پر کھڑا ہو گیا جیسے اب اسے کوئی طاقت وہاں سے نہیں بلا سکے گی۔ آدمی چونکہ بے ضرر تھا اس لیے اس سے مزید زبردستی نہ کی گئی۔ اس کو وہیں کھڑا رہنے دیا گیا اور تبادلے کا باقی کام ہوتا رہا۔ سورج نکلنے سے پہلے ساکت وصامت بشن سنگھ کے حلق سے ایک فلک شگاف چیخ نکلی۔ ادھر ادھر سے کئی افسر دوڑے آئے اور دیکھا کہ وہ آدمی جو پندرہ برس تک دن رات اپنی ٹانگوں پر کھڑا رہا تھا، اوندھے منہ لیٹا ہے۔ ادھر خار دار تاروں کے پیچھے ہندوستان تھا۔ ادھر ویسے ہی تاروں کے پیچھے پاکستان۔ درمیان میں زمین کے اس ٹکڑے پر جس کا کوئی نام نہیں تھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ پڑا تھا!

سعادت حسن منٹو

وہ لڑکی

سوا چار بج چکے تھے لیکن دھوپ میں وہی تمازت تھی جو دوپہر کو بارہ بجے کے قریب تھی۔ اس نے بالکنی میں آکر باہر دیکھا تو اسے ایک لڑکی نظر آئی جو بظاہر دھوپ سے بچنے کے لیے ایک سایہ دار درخت کی چھاؤں میں آلتی پالتی مارے بیٹھی تھی۔ اس کا رنگ گہرا سانولا تھا۔ اتنا سانولا کہ وہ درخت کی چھاؤں کا ایک حصہ معلوم ہوتا تھا۔ سریندر نے جب اس کو دیکھا تو اس نے محسوس کیا کہ وہ اس کی قربت چاہتا ہے، حالانکہ وہ اس موسم میں کسی کی قربت کی بھی خواہش نہ کرسکتا تھا۔ موسم بہت واہیات قسم کا تھا۔ سوا چار بج چکے تھے۔ سورج غروب ہونے کی تیاریاں کررہا تھا۔ لیکن موسم نہایت ذلیل تھا۔ پسینہ تھا کہ چومٹا جارہا تھا۔ خدا معلوم کہاں سے مساموں کے ذریعے اتنا پانی نکل رہا تھا۔ سریندر نے کئی مرتبہ غور کیا تھا کہ پانی اس نے زیادہ سے زیادہ چار گھنٹوں میں صرف ایک گلاس پیا ہو گا مگر پسینہ بلامبالغہ چار گلاس نکلا ہو گا۔ آخر یہ کہاں سے آیا! جب اس نے لڑکی کو درخت کی چھاؤں میں آلتی پالتی مارے دیکھا تو اس نے سوچا کہ دنیا میں سب سے خوش یہی ہے جسے دھوپ کی پرواہ ہے نہ موسم کی۔ سریندر پسینے میں لت پت تھا۔ اس کی بنیان اس کے جسم کے ساتھ بہت بری طرح چمٹی ہوئی تھی۔ وہ کچھ اس طرح محسوس کررہا تھا جیسے اس کے بدن پر کسی نے موبل آئل مل دیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود جب اس نے درخت کی چھاؤں میں بیٹھی ہوئی لڑکی کو دیکھا تو اس کے جسم میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ وہ اس کے پسینے کے ساتھ گھل مل جائے، اس کے مساموں کے اندر داخل ہو جائے۔ آسمان خاکستری تھا۔ کوئی بھی وثوق سے نہیں کہہ سکتا تھا کہ بادل ہیں یا محض گردوغبار۔ بہر حال، اس گردوغبار یا بادلوں کے باوجود دھوپ کی جھلک موجود تھی اور وہ لڑکی بڑے اطمینان سے پیپل کی چھاؤں میں بیٹھی سستا رہی تھی۔ سریندر نے اب کی غور سے اس کی طرف دیکھا۔ اس کا رنگ گہرا سانولا مگر نقش بہت تیکھے کہ وہ سریندر کی آنکھوں میں کئی مرتبہ چبھے۔ مزدور پیشہ لڑکی معلوم ہوتی تھی۔ یہ بھی ممکن تھا کہ بھکارن ہو۔ لیکن سریندر اس کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکا تھا۔ اصل میں وہ یہ فیصلہ کررہا تھاکہ آیا اس لڑکی کو اشارہ کرنا چاہیے یا نہیں۔ گھر میں وہ بالکل اکیلا تھا۔ اس کی بہن مری میں تھی۔ ماں بھی اس کے ساتھ تھی۔ باپ مر چکا تھا۔ ایک بھائی، اس سے چھوٹا، وہ بورڈنگ میں رہتا تھا۔ سریندر کی عمر ستائس اٹھائیس سال کے قریب تھی۔ اس سے قبل وہ اپنی دو ادھیڑ عمر کی نوکرانیوں سے دو تین مرتبہ سلسلہ لڑا چکا تھا۔ معلوم نہیں کیوں، لیکن موسم کی خرابی کے باوجود سریندر کے دل میں یہ خواہش ہورہی تھی کہ وہ پیپل کی چھاؤں میں بیٹھی ہوئی لڑکی کے پاس جائے یا اسے اوپر ہی سے اشارہ کرے تاکہ وہ اس کے پاس آجائے، اور وہ دونوں ایک دوسرے کے پسینے میں غوطہ لگائیں اور کسی نامعلوم جزیرے میں پہنچ جائیں۔ سریندر نے بالکنی کے کٹہرے کے پاس کھڑے ہو کر زور سے کھنکارا مگر لڑکی متوجہ نہ ہوئی۔ سریندر نے جب کئی مرتبہ ایسا کیا اور کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوا تو اس نے آواز دی۔

’’ارے بھئی۔ ذرا ادھر دیکھو!‘‘

مگر لڑکی نے پھر بھی اس کی طرف نہ دیکھا۔ وہ اپنی پنڈلی کھجلاتی رہی۔ سریندر کو بہت الجھن ہوئی۔ اگر لڑکی کی بجائے کوئی کتا ہوتا تو وہ یقیناً اس کی آواز سن کر اس کی طرف دیکھتا۔ اگر اسے اس کی یہ آواز ناپسند ہوتی تو بھونکتا مگر اس لڑکی نے جیسے اس کی آواز سنی ہی نہیں تھی۔ اگر سنی تھی تو ان سنی کردی تھی۔ سریندر دل ہی دل میں بہت خفیف ہورہا تھا۔ اس نے ایک بار بلند آواز میں اس لڑکی کو پکارا۔

’’اے لڑکی!‘‘

لڑکی نے پھر بھی اس کی طرف نہ دیکھا۔ جھنجھلا کر اس نے اپنا ململ کا کرتا پہنا اور نیچے اترا۔ جب اس لڑکی کے پاس پہنچا تو وہ اسی طرح اپنی ننگی پنڈلی کھجلا رہی تھی۔ سریندر اس کے پاس کھڑا ہو گیا۔ لڑکی نے ایک نظر اس کی طرف دیکھا اور شلوار نیچی کرکے اپنی پنڈلی ڈھانپ لی۔ سریندر نے اس سے پوچھا۔

’’تم یہاں کیا کررہی ہو؟‘‘

لڑکی نے جواب دیا۔

’’بیٹھی ہوں۔ ‘‘

’’کیوں بیٹھی ہو؟‘‘

لڑکی اٹھ کھڑی ہوئی۔

’’لو، اب کھڑی ہو گئی ہوں!‘‘

سریندر بوکھلا گیا۔

’’اس سے کیا ہوتا ہے۔ سوال تو یہ ہے کہ تم اتنی دیر سے یہاں بیٹھی کیا کررہی تھیں؟‘‘

لڑکی کا چہرہ اور زیادہ سنولا ہو گیا۔

’’تم چاہتے کیا ہو؟‘‘

سریندر نے تھوڑی دیر اپنے دل کو ٹٹولا۔

’’میں کیا چاہتا ہوں۔ میں کچھ نہیں چاہتا۔ میں گھر میں اکیلا ہوں۔ اگر تم میرے ساتھ چلو تو بڑی مہربانی ہو گی۔ ‘‘

لڑکی کے گہرے سانولے ہونٹوں پر عجیب و غریب قسم کی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔

’’مہربانی۔ کاہے کی مہربانی۔ چلو!‘‘

اور دونوں چل دیے۔ جب اوپر پہنچے تو لڑکی صوفے کی بجائے فرش پر بیٹھ گئی اور اپنی پنڈلی کھجلانے لگی۔ سریندر اس کے پاس کھڑا سوچتا رہا کہ اب اسے کیا کرنا چاہیے۔ اس نے اسے غور سے دیکھا۔ وہ خوبصورت نہیں تھی۔ لیکن اس میں وہ تمام قوسیں اور وہ تمام خطوط موجود تھے جو ایک جوان لڑکی میں موجود ہوتے ہیں۔ اس کے کپڑے میلے تھے، لیکن اس کے باوجود اس کا مضبوط جسم اس کے باہر جھانک رہا تھا۔ سریندر نے اس سے کہا۔

’’یہاں کیوں بیٹھی ہو۔ ادھر صوفے پر بیٹھ جاؤ!‘‘

لڑکی نے جواب میں صرف اس قدر کہا۔

’’نہیں!‘‘

سریندر اس کے پاس فرش پر بیٹھ گیا۔

’’تمہاری مرضی۔ لو اب یہ بتاؤ کہ تم کون ہو اور درخت کے نیچے تم اتنی دیر سے کیوں بیٹھی تھیں؟‘‘

’’میں کون ہوں اور درخت کے نیچے میں کیوں بیٹھی تھی۔ اس سے تمہیں کوئی مطلب نہیں۔ ‘‘

لڑکی نہ یہ کہہ کر اپنی شلوار کا پائنچہ نیچے کرلیا اور پنڈلی کھجلانا بند کردی۔ سریندر اس وقت اس لڑکی کی جوانی کے متعلق سوچ رہا تھا۔ وہ اس کا اور ان دو ادھیڑ عمر کی نوکرانیوں کا مقابلہ کررہا تھا جن سے اس کا دو تین مرتبہ سلسلہ ہو چکا تھا۔ وہ محسوس کررہا تھا کہ وہ اس لڑکی کے مقابلے میں ڈھیلی ڈھالی تھیں، جیسے برسوں کی استعمال کی ہوئی سائیکلیں۔ لیکن اس کا ہر پرزہ اپنی جگہ پر کسا ہوا تھا۔ سریندر نے ان ادھیڑ عمر کی نوکرانیوں سے اپنی طرف سے کوئی کوشش نہیں کی تھی۔ وہ خود اس کو کھینچ کر اپنی کوٹھڑیوں میں لے جاتی تھیں۔ مگر سریندر اب محسوس کرتا تھا کہ یہ سلسلہ اس کو اب خود کرنا پڑے گا، حالانکہ اس کی تکنیک سے قطعات ناواقف تھا۔ بہر حال۔ اس نے اپنے ایک بازہ کو تیار کیا اور اسے لڑکی کی عمر میں حمائل کردیا۔ لڑکی نے ایک زور کا جھٹکا دیا۔

’’یہ کیا کررہے ہو تم؟‘‘

سریندر ایک بار پھر بوکھلاگیا۔

’’میں۔ میں۔ کچھ بھی نہیں۔ ‘‘

لڑکی کے گہرے سانولے ہونٹوں پر عجیب قسم کی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔

’’آرام سے بیٹھے رہو!‘‘

سریندر آرام سے بیٹھ گیا۔ مگر اس کے سینے میں ہلچل اور زیادہ بڑھ گئی۔ چنانچہ اس نے ہمت سے کام لے کر لڑکی کو پکڑ کر اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا۔ لڑکی نے بہت ہاتھ پاؤں مارے، مگر سریندر کی گرفت مضبوط تھی۔ وہ فرش پر چت گر پڑی۔ سریندر اس کے اوپر تھا۔ اس نے دھڑاد ھڑ اس کے گہرے سانولے ہونٹ چومنے شروع کردیے۔ لڑکی بے بس تھی۔ سریندر کا بوجھ اتنا تھا کہ وہ اسے اٹھا کر پھینک نہیں سکتی تھی۔ بوجہ مجبوری وہ اس کے گیلے بوسے برداشت کرتی رہی۔ سریندر نے سمجھا کہ وہ رام ہو گئی ہے، چنانچہ اس نے مزید دراز دستی شروع کی۔ اس کی قمیض کے اندر ہاتھ ڈالا۔ وہ خاموش رہی۔ اس نے ہاتھ پاؤں چلانے بند کردیے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس نے مدافعت کو اب فضول سمجھا ہے۔ سریندر کو اب یقین ہو گیا کہ میدان اسی کے ہاتھ رہے گا، چنانچہ اس نے دراز دستی چھوڑ دی اور اس سے کہا۔

’’چلو آؤ، پلنگ پر لیٹتے ہیں۔ ‘‘

لڑکی اٹھی اور اس کے ساتھ چل دی۔ دونوں پلنگ پر لیٹ گئی۔ ساتھ ہی تپائی پر ایک طشتری میں چند مالٹے اور ایک تیز چھری پڑی تھی۔ لڑکی نے ایک مالٹا ا ٹھایا اور سریندر سے پوچھا۔

’’میں کھالوں؟‘‘

’’ہاں ہاں۔ ایک نہیں سب کھالو!‘‘

سریندر نے چھری اٹھائی اور مالٹا چھیلنے لگا، مگر لڑکی نے اس سے دونوں چیزیں لے لیں۔

’’میں خود چھیلوں گی!‘‘

اس نے بڑی نفاست سے مالٹا چھیلا۔ اس کے چھلکے اتارے۔ پھانکوں پر سے سفید سفید جھلی ہٹائی۔ پھر پھانکیں علیحدہ کیں۔ ایک پھانک سریندر کو دی، دوسری اپنے منہ میں ڈالی اور مزہ لیتے ہوئے پوچھا۔

’’تمہارے پاس پستول ہے؟‘‘

سریندر نے جواب دیا۔

’’ہاں۔ تمہیں کیا کرنا ہے؟‘‘

لڑکی کے گہرے سانولے ہونٹوں پر پھر وہی عجیب و غریب مسکراہٹ نمودار ہوئی

’’میں نے ایسے ہی پوچھا تھا۔ تم جانتے ہو نا کہ آج کل ہندو مسلم فساد ہورہے ہیں۔ ‘‘

سریندر نے دوسرا مالٹا طشتری میں سے اٹھایا۔

’’آج سے ہورہے ہیں۔ بہت دنوں سے ہورہے ہیں۔ میں اپنے پستول سے چار مسلمان مار چکا ہوں۔ بڑے خونی قسم کے!‘‘

’’سچ؟‘‘

یہ کہہ کر لڑکی اٹھ کھڑی ہوئی۔

’’مجھے ذرا وہ پستول تو دکھانا!‘‘

سریندر اٹھا۔ دوسرے کمرے میں جا کر اس نے اپنے میز کا دراز کھولا اور پستول لے کر باہر آیا۔

’’یہ لو۔ لیکن ٹھہرو!‘‘

اور اس نے پستول کا سیفٹی کیچ ٹھیک کردیا کیوں کہ اس میں گولیاں بھری تھیں۔ لڑکی نے پستول پکڑا اور سریندر سے کہا۔

’’میں بھی آج ایک مسلمان ماروں گی‘‘

یہ کہہ کر اس نے سیفٹی کیچ کو ایک طرف کیا اور سریندر پر پستول داغ دیا۔ وہ فرش پر گر پڑا اور جان کنی کی حالت میں کراہنے لگا۔

’’یہ تم نے کیا کیا؟‘‘

لڑکی کے گہرے سانولے ہونٹوں پر مسکراہٹ نمودار ہوئی۔

’’وہ چار مسلمان جو تم نے مارے تھے، ان میں میرا باپ بھی تھا۔ !‘‘

سعادت حسن منٹو

وہ خط جو پوسٹ نہ کیے گئے

حوا کی ایک بیٹی کے چند خطوط جو اس نے فرصت کے وقت محلے کے چند لوگوں کو لکھے۔ مگر اُن وجوہ کی بنا پر پوسٹ نہ کیے گئے جو اِن خطوط میں نمایاں نظر آتی ہیں۔ (نام اور مقام فرضی ہیں) پہلا خط مسز کرپلانی کے نام خاتونِ مکّرم آداب عرض۔ معاف فرمائیے گا۔ میں یہ سطور بغیر تعارف کے لکھ رہی ہُوں۔ مگر مجھے چند ضروری باتیں آپ سے کہنا ہیں۔ آپ کو میں ایک عرصے سے جانتی ہُوں۔ ہر روز صبح ساڑھے آٹھ بجے جب میں بسترسے اُٹھ کر بالکنی میں آتی ہُوں۔ تو آپ کو بازار میں سیر سے واپس آتے دیکھا کرتی ہوں۔ مجھے تعجب ہے کہ مسٹر کرپلانی جنھیں ساڑھے آٹھ بجے گھر سے دفتر پہنچنے کے لیے نکل جانا ہوتا ہے۔ صرف ایک بڈھی نوکرانی کی موجودگی اور آپکی غیر حاضری میں ناشتہ کیسے کرتے ہیں، کپڑے کیوں کر تبدیل کرتے ہیں اور پھر آپکا بچہ بھی تو ہے۔ اس کی دیکھ بھال کون کرتا ہے؟ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیر آپ کی صحت کے لیے مفید ہے۔ مگر اس سیر کا اثر آپ کے شوہر پر کیا پڑے گا، کیا آپ نے اس کی بابت کبھی غورکیا ہے؟۔ میں نے پرسوں مسٹر کرپلانی کو دیکھا۔ ان کی حالت قابل رحم تھی۔ آپ نے سرپر ہیٹ اُلٹا لگا رکھا تھا اور اگر میری نگاہوں نے دھوکا نہیں دیا تو ان کے بوٹ کا ایک تسمہ کھلا ہُوا تھا۔ جو بار بار ان کے پاؤں میں الجھ رہا تھا۔ کل بھی آپ کی حالت ایسی ہی تھی۔ ان کی پتلون شکنوں سے بھرپور تھی اور ٹائی کی گرہ بھی دُرست نہیں تھی۔ اگر آپ کی صبح کی سیر اسی طرح جارہی رہی۔ تو مجھے اندیشہ ہے ایک روز مسٹر کرپلانی اس افراتفری میں دفتر کا رخ کریں گے کہ راہ چلتی عورتوں کو اپنی آنکھیں بند کرنی پڑیں گی۔ اور ہاں، دیکھیے کل آپ نے جو ساڑھی پہن رکھی تھی۔ وہ آپکی نہیں ہے۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ مسز اڈوانی نے یہ ساڑھی پچھلی دیوالی پر خریدی تھی۔ دوسروں کے کپڑے پہننا بہت معیوب ہے۔ آپکے پاس کم از کم بیس ساڑیاں موجود ہیں۔ مسز اڈوانی کی ساڑھی مستعار لے کر آپ نے کیوں پہنی۔ یہ میں ابھی تک نہیں سمجھ سکی۔ ایک بات اور۔ وہ یہ کہ آپ کو بغیر آستینوں کا بلاؤز اچھا معلوم نہیں ہوتا۔ آپ کے کاندھوں پر ضرورت سے زیادہ گوشت ہے۔ جسکی نمائش آنکھوں پر بہت گراں گزرتی ہے۔ آپکے جسم کا یہ عیب آستینوں والے بلاؤز میں چھپ جاتا ہے۔ اس لیے آپکو ہمیشہ اسی تراش کا بلاؤز پہننا چاہیے۔ اونچی ایڑی کا شو آپ کیوں پہنتی ہیں؟۔ آپ کا قد ماشاء اللہ کافی اُونچا ہے۔ پرسوں آپ نے غیر معمولی اونچی ایڑی کا سینڈل پہن رکھا تھا۔ معاف فرمائیے۔ معلوم ہوتا تھا کہ آپ کے پیروں کے ساتھ اسٹول بندھے ہوئے ہیں۔ اونچی ایڑی کا جوتا پہن کر آپ آسانی سے چل بھی نہیں سکتیں۔ خواہ مخواہ کیوں اپنے آپ کو تکلیف دیتی ہیں۔ آپ کی۔

دوسرا خط مسز اڈوانی کے نام محترم بہن تسلیمات۔ میں نے پچھلے دنوں آپ کو باندرہ کے میلے پر چند سہیلیوں کے ساتھ دیکھا تھا۔ آپ نے پیلے رنگ کی جارجٹ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔ بورڈر کے بغیر۔ بلاؤز کالی ساٹن کا تھا۔ کھلے گلے کا، آستینوں کے بغیر۔ گلے پر زرد رنگ کی سائٹ کا پائپنگ تھا اور سامنے سینے پر اسی رنگ کا پھول۔ پاؤں میں آپکے سنہری سینڈل تھی۔ چھاتا سیاہ رنگ کا تھا جس کی مونٹھ زرد رنگ کے سلولائیڈ کی تھی۔ کالے بالوں میں پیلا ربن تھا۔ سیاہی اور زردی کا یہ میل مجھے بہت پسند آیا تھا۔ آپ کے ذوق کی میں بے حد معترف ہوں۔ رنگوں کے صحیح التزام کا آپ خوب سلیقہ رکھتی ہیں۔ مگر کل آپ جب بَس پر سے اُتریں تو مجھے یہ دیکھ کر سخت صدمہ ہوا کہ آپ نے کالی ساڑھی کے ساتھ بُھوسلے رنگ کا بلاؤز پہن رکھا ہے آپ کے بالوں میں نیلا ربن گندھا ہے اور جوتا سفید کینوس کا پہن رکھا ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ ایسی اعلیٰ ذوق رکھنے والی خاتون نے کیوں کر ایسے بھونڈے لباس میں باہر نکلنا گوارا کیا۔ اور پھر غضب یہ ہے کہ آپ بَس میں کہیں دُور گئی تھیں۔ آئندہ اگر میں نے آپ کو ایسے بے تُکے لباس میں دیکھا تو مجھے اتنا صدمہ ہو گا کہ میں بیان نہیں کرسکوں گی۔ ایک بات اور میری سمجھ میں نہیں آئی کہ آپ کی نوکرانی اتنا سنگھار کیوں کرتی ہے؟ اس کی عمر میرے انداز کے مطابق اٹھارہ برس ہے۔ بظاہر وہ کنواری ہے۔ اس عمرمیں اور خاص کر کنوارپنے میں اس کا یوں بن کر سنور کر سودا سلف لینے باہر بازار نکلنا اتنا خطرناک نہیں۔ جتنا کہ اس کا آپکے گھر میں اپنے سنگھار پر توجہ دینا ہے۔ آپ عموماً گھر سے باہر رہتی ہیں۔ اور مسٹر اڈوانی چونکہ دفتر نہیں جاتے۔ اس لیے وہ اکثر گھر ہی میں رہتے ہیں۔ آپ کی غفلت حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے میں اس سے زیادہ اور کچھ نہیں کہہ سکتی۔ میرا خیال ہے کہ آپ کی دائیں آنکھ بائیں آنکھ سے کچھ چھوٹی ہے۔ اگر آپ چشمہ پہنا کریں تو یہ عیب بالکل دُور ہو جائے گا۔ کیونکہ شیشوں میں سے یہ معمولی فرق نظر نہ آئے گا۔ ہاں، یہ آپ اپنی سہیلیوں کو اپنی ساڑھیاں پہننے کے لیے کیوں دے دیا کرتی ہیں۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ بدعت معاشرتی نقطہ ءِ نظر سے بہت بُری ہے۔ اس کے علاوہ سہیلیاں خواہ کتنی ہی محتاط ہوں۔ مستعار کپڑے کو نہایت بے دردی کے ساتھ استعمال کرتی ہیں اگر آپ کو یقین نہ ہو تو اس سفید ساڑھی کو غور سے دیکھیے جو آپ نے ایک روز مسزکر پلانی کو پہننے کے لیے دی تھی۔ اس کا تِلے کا کام کئی جگہ سے اکھڑ گیا ہے۔ بازار میں چلتے وقت آپ بار بار ساڑھی کا پلو نہ سنبھالا کریں۔ مجھے اس سے بڑی الجھن ہوتی ہے۔ آپکی۔

تیسرا خط مسٹر ایوب خان انسپکٹر پولیس کے نام مکّرمی محترمی۔ سلام مسنون کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ دن میں دو بار اپنی داڑھی منڈوانا چھوڑ دیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ نارمل آدمی کی داڑھی کے بال نارمل حالت میں اتنی جلدی کبھی نہیں اُگتے۔ پولیس اسٹیشن جاتے ہوئے اور وہاں سے شام کو آتے ہُوئے آپ کا پہلا کام یہ ہوتا ہے کہ سیلون میں داخل ہو جائیں۔ میرا خیال ہے کہ آپ کو MANIA ہو گیا ہے۔ اگر آپکا دماغی توازن درست ہو تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ دن میں دوبار صبح و شام اپنی داڑھی پر اُسترا پھرائیں۔ کیا سیلون کا نائی آپ کی اس عجیب و غریب عادت پر زیرِ لب کبھی نہیں مسکرایا۔ اور پھر یہ آپ اپنے سر کے بال کس طور سے کٹواتے ہیں؟۔ واللہ بہت بُرے معلوم ہوتے ہیں۔ گردن سے لے کر کھوپڑی کے بالائی حصے تک آپ بالوں کا بالکل صفایا کرادیتے ہیں اور کانوں کے اوپر تک باریک مشین پھروا کر آخر آپ کیا فیشن پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ حضرت آپ کی گردن بہت بھدی ہے اور آپ کے سر کے نچلے حصے پر پھوڑوں کے نشان ہیں جو صرف بال ہی چھپا سکتے ہیں اور کیا آپ نے کبھی غور فرمایا ہے کہ بار بار بال مونڈنے سے آپ کی گردن موٹی ہو جائے گی۔ آپ کے کان بہت بڑے ہیں۔ جس فیشن کی حجامت کا آپ کو شوق ہے۔ اس سے یہ اور بھی زیادہ بڑے دکھائی دیتے ہیں۔ میری رائے ہے کہ آپ قلمیں رکھیں۔ اور کانوں کے قریب سے بال زیادہ نہ کٹوائیں۔ گردن پر اگر آپ تھوڑے سے بال اُگنے دیں تو کوئی ہرج نہیں۔ اس سے آپ کو کوئی تکلیف نہ ہو گی۔ ہاتھ میں چھڑی لے کر جب آپ بازار میں چلتے ہیں تو دماغ میں اس خیال کو جگہ نہ دیا کریں کہ ہر اسکول جانے والی لڑکی آپکو دیکھ رہی ہے۔ کسی شائستہ مذاق لڑکی کی آنکھیں آپ کی طرف نہیں اُٹھ سکتیں۔ اس لیے کہ آپ اپنے کاندھوں پر ایسا بھونڈا سر اُٹھائے پھرتے ہیں۔ جس کو آپ کے ایجاد کردہ فیشن نے اور بھی زیادہ بدنما بنا رکھا ہے۔ بار بار آپ اپنے کوٹ سے کیا جھاڑا کرتے ہیں؟ کیا گردوغبار کے ذرّے صرف آپ ہی کے کوٹ پر آبیٹھتے ہیں۔ یا پھر آپ حد سے زیادہ نفاست پسند ہیں؟ کسی نے مجھ سے کہا تھا۔ کہ چالیس برس کے ہونے پر بھی آپ کنوارے ہیں؟ اگر یہ سچ ہے تو اس سے آپ کو عبرت حاصل کرنا چاہیے۔ میرا مشورہ لیجیے۔ اور دن میں دوبار سیلون میں جا کر داڑھی منڈوانا چھوڑ دیجیے۔ خدا آپ کی حالت پر رحم کرے۔ آپکی مخلص۔

چوتھا خط مِس ڈی سِلوا کے نام ڈیئر مِس ڈی سِلوا۔ تمہاری حالت پر مجھے بہت افسوس ہوتا ہے۔ تم روز بروز موٹی ہورہی ہو۔ اگر تمہارا موٹاپا اسی رفتار سے بڑھتا گیا تو مجھے اندیشہ ہے کہ تم کسی مرد کے قابل نہ رہو گی۔ اسکول جانے کیلیے جب تم

’’جم‘‘

پہن کر گھر سے نکلتی ہو تو میرے دل میں عجیب وغریب خیال پیدا ہوتے ہیں۔ میں سوچتی ہوں کہ اس کرسمس پر تم ڈانس کیسے کرسکو گی۔ ایک دو قدموں ہی میں تمہارا پسینہ چھوٹ جائے گا۔ اور تمہارا ساتھی کیوں کرتمہاری بانہوں کو حسب منشا حرکت میں لاسکے گا۔ تمہاری بغلوں کے نیچے اس قدر گوشت جمع ہورہا تھا کہ تم ڈانس کرنے کے بالکل قابل نہیں رہی ہو۔ خدا کے لیے اپنا علاج کرو اور اس موٹاپے کوجلد از جلد ختم کرنے کی کوشش کرو۔ ایک نصیحت میری اور سُن لو۔ شام کو تم ہر روز ٹیرس پر اکیلی جاتی ہو۔ اور سامنے والے مکان پر ڈی کوسٹا کے بڑے لڑکے کو اشارے کرتی رہتی ہو۔ اوّل تو یہ شریف لڑکیوں کا کام نہیں۔ دوسرے یہ اشارے چربی بھرے گوشت کے مانند بھدے اور بے لذّت ہوتے ہیں۔ تم جیسی موٹی لڑکیوں کو ایسی اشارہ بازی نہیں کرنی چاہیے۔ اس لیے کہ اشارہ ایک لطیف یعنی باریک اور پتلی چیز کا نام ہے۔ تمہارے اشارے، اشارے نہیں ہوتے۔ ان کے لیے مجھے کوئی اور نام تلاش کرنا ہو گا۔ جس لونڈے کے ساتھ تم رومان لڑانا چاہتی ہو۔ اسکے متعلق بھی سُن لو۔ وہ ایک آوارہ مزاج لڑکا ہے۔ ڈھائی مہینے سے کالی کھانسی میں مبتلا ہے۔ ماں باپ نے ناقابلِ اصلاح سمجھ کر اس کو اپنے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ اسکے پاس صرف تین پتلونیں ہیں۔ جن کوبدل بدل کر پہنتا ہے۔ ہر روز اپنی قمیض اور پتلون پر وہ دو بار استری کرتا ہے تاکہ باہر کے لوگوں کی نظر میں اس کی وضع داری قائم رہے۔ مجھے ایسے آدمیوں سے نفرت ہے۔ تم اپنی پنڈلیوں کے بال استرے سے نہ مونڈا کرو۔ بال اڑانے کے سب پوڈر اور سب کریمیں بھی فضول ہیں۔ بال ہمیشہ کے لیے کبھی غائب نہیں ہوسکتے اس لیے تم اپنی پنڈلیوں پر ظلم نہ کرو۔ بال رہنے دو اور لمبی جُرابیں پہنا کرو۔ تمہارا دوست آج دوپہر کو اپنا پھٹا ہُوا جُوتا خود مرمت کررہا تھا۔ تمہاری خیر خواہ۔

پانچواں خط کوشلیا دیوی کے نام شریمتی کوشلیا دیوی۔ نمسکار اس میں کوئی شک نہیں۔ اپنے گھر میں ہر شخص کو اختیار ہے کہ وہ آرام دہ سے آرام دہ لباس پہنے اور تکلّفات سے آزاد رہے۔ مگر دیوی جی آپ ململ کی باریک دھوتی پہن کر اس آزادی سے ناجائز فائدہ اُٹھا رہی ہیں اور پھر یہ دھوتی آپ کچھ اس

’’بے تکلفی‘‘

سے پہنتی ہیں کہ جب آپ اتفاق سے نظر آجائیں تو سوچنا پڑتا ہے کہ آپ کو کس زاویے سے دیکھا جائے۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے۔ روشنی کے سامنے کھڑے ہونے سے آپکی ململ کی دھوتی کا وجود ہونے نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ آپ کی عمر اس وقت چوالیس برس کے قریب ہے۔ عمر کی اس زیادتی نے آپکے جسم کو بالکل ڈھیلا کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ باریک دھوتی میں سے آپکی بھدی ٹانگوں کی نمائش آنکھوں پر

’’گوہاسنجنی‘‘

بن کر رہ جاتی ہے۔ آپ کے فلیٹ کا دروازہ عام طور پر کھلا رہتا ہے اورمیں نے اکثر آپ کو باورچی خانہ کے پاس یہی باریک دھوتی پہنے دیکھا ہے اگر آپ کو اس کا استعمال ترک نہیں کرنا ہے تو براہ کرم اپنے فلیٹ کا دروازہ بند رکھا کریں۔ آپ کی۔

چھٹا خط مسٹر سعید حسن جرنلسٹ کے نام جناب من۔ تسلیم۔ آپ ہر روز صبح بالکونی میں پتلون پہنتے ہیں۔ آپ کا یہ فعل کمیونزم کی بدترین مثال ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ خط پڑھ کر آپ ضرور شرمسار ہونگے۔ اور آئندہ سے پتلون شریف آدمیوں کی طرح اپنے کمرے میں پہنا کریں گے۔ مخلص۔ مکرر:۔ آپ کے بال بہت بڑھ گئے ہیں۔ سیلون آپ کے مکان کے نیچے ہے۔ ہمت کرکے آج ہی کٹوا دیں۔

ساتواں خط مِسز قاسمی کے نام خاتونِ مکرم۔ السلام علیکم۔ میں بہت عرصے سے آپکو یہ خط لکھنے کا ارادہ کررہی تھی مگر چند در چند وجوہ کے باعث ایسا نہ کرسکی۔ میں نے سُنا ہے کہ دو گھروں میں نفاق پیدا کرنے کے لیے آپ کو بہت سے گُر زبانی یاد ہیں۔ مسز اڈوانی اور مسز کرپلانی کے درمیان ایک دفعہ آپ ہی کی کوششوں سے رنجش پیدا ہُوئی تھی۔ اور پچھلے دنوں سیٹھ گوپال داس کی لڑکی پشپا کے بارے میں آپ نے جو افواہیں مشہور کی تھیں ان سے سیٹھ گوپال داس اور سیٹھ رام داس کے خاندانوں میں اچھا خاصا ہنگامہ برپا ہو گیا تھا۔ مجھے آپکی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ مگر میں سوچتی ہوں کہ ابھی تک آپ کے اور مسز قانون گو کے درمیان کشیدگی پیدا کیوں نہیں ہُوئی۔ اب تک آپ نے جس عورت کو اپنی سہیلی بنایا ہے اس سے تیسرے چوتھے مہینے آپ کی تُو تُو مَیں مَیں ضرور ہوتی ہے۔ لیکن مسز قانون گو سے آپ کی دوستی کو چھ مہینے ہو گئے ہیں۔ جو کئی برسوں کے برابر ہیں۔ میں اب زیادہ دیر انتظار نہیں کرسکتی۔ اس مہینے میں مسز قانون گو سے آپکی چخ چخ ضرور ہونی چاہیے۔ آپ کو اپنی روایات برقرار رکھنی چاہئیں۔ ہاں یہ ضرور بتائیے کہ آپ کہاں پیدا ہُوئی تھیں۔ یہ تو مجھے معلوم ہے کہ آپ پنجاب کی رہنے والی ہیں۔ مگر آپ کا چہرہ نیپالیوں اور تبتیوں سے کیوں ملتا جلتا ہے؟ آپکی ناک بالکل نیپالیوں کی طرح چپٹی ہے۔ اور گالوں کی ہڈیاں بھی انہی کی طرح ابھری ہُوئی ہیں، البتہ آپکا قد ان کی طرح پست نہیں۔ آپ نے عید پر جو ساڑھی پہنی تھی۔ مجھے پسند نہیں آئی۔ آپ کا ذوق نہایت فضول ہے۔ اگر آپ بھڑکیلے اور شوخ رنگوں کے بجائے ہلکے رنگ کے کپڑے انتخاب کیا کریں تو بہت اچھا ہو۔ لمبے قد کی عورتوں کو کھڑی لکیروں کی قمیض نہیں پہننی چاہیے۔ اس سے وہ اور لمبی ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح آپ کو

’’پف سیلوز‘‘

کا بلاؤز بھی نہیں پہننا چاہیے۔ کیونکہ لمبے قد کی عورتوں کے لیے یہ موزوں نہیں ہوتا۔ اور پھر آپ تو ویسے ہی دُبلی پتلی ہیں۔ آپکے کاندھے پر بلاؤز کے اُٹھے ہُوئے

’’پف‘‘

بہت بُرے معلوم ہوتے ہیں۔ آپکی خیر اندیش۔

آٹھواں خط مِس راجکماری ایکٹرس کے نام مِس راجکماری مجھے تم سے نفرت ہے۔ تم عورت نہیں ہو۔ سوٹ کیس ہو۔ تم سے نفرت کرنیوالی۔

نواں خط مسٹر صالح بھائی کنٹریکٹر کے نام جناب صالح بھائی صاحب۔ تسلیم۔ مجھے آپکے خلاف کوئی شکایت نہیں لیکن پھر بھی میں آپکو پسند نہیں کرتی۔ نہ معلوم کیا وجہ ہے کہ آپکو دیکھ کر میرے دل میں غیظ و غضب پیدا ہو جاتا ہے۔ آپ بہت شریف آدمی ہیں۔ آپ کی شکل و صورت بھی کوئی خاص بُری نہیں۔ لیکن میری سمجھ میں نہیں آتا کہ پھر آپ کو میں ناپسندیدگی کی نگاہ سے کیوں دیکھتی ہُوں۔ آپ کے چہرے پر یتیمی برستی ہے، آپکی چال بھی نہایت واہیات ہے۔ آپکی ہمدرد۔

دسواں خط مِس رضیہ صلاح الدین کے نام ڈیئر مِس رضیہ۔ سلام مسنون۔ تم ابھی ابھی پنجاب کے کسی گاؤں سے آئی ہو۔ پہلے ساڑھی پہننے کی عادت اختیار کرو پھر اس لباس میں باہر نکلو۔ تمہیں یہ لباس پہننے کا بالکل سلیقہ نہیں ہے۔ خدا کے لیے اپنے آپ کو تماشہ نہ بناؤ۔ تمہاری خیر خواہ۔

سعادت حسن منٹو

والد صاحب

توفیق جب شام کو کلب میں آیا تو پریشان سا تھا۔ دوبار ہارنے کے بعد اس نے جمیل سے کہا۔

’’لو بھئی میں چلا۔ ‘‘

جمیل نے توفیق کے گورے چٹے چہرے کی طرف غور سے دیکھا اور کہا۔

’’اتنی جلدی؟‘‘

ریاض نے تاش کی گڈی کے دو حصے کرکے انھیں بڑے ماہر انداز میں پھینٹنا شروع کیا۔ اسکی نگاہیں تاش کے پھڑپھڑاتے پتوں پر تھیں۔ لیکن روئے سخن توفیق کی طرف تھا۔ توفی، آج تم پریشان ہو۔ خلاف معمول اوپر تلے دوبار ہارے ہو۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آج شام کو ہسپتال میں نرس مارگرٹ نے تمہارے رومانس کو پوٹاسیم برومائڈ پلادیا۔ ‘‘

جمیل نے ایک بار پھر غور سے توفیق کے چہرے کی طرف دیکھا۔

’’کیوں توفی آج ٹمپریچر کیسا رہا؟‘‘

نصیر اپنی کرسی پر سے اٹھا۔ توفیق کی انگلیوں میں پھنسا ہوا سگریٹ نکالا۔ اور زور کا کش لے کر کہنے لگا سب بکواس ہے۔ توفی نے آج تک جتنے رومانس لڑائے ہیں۔ سب بکواس تھے۔ یہ نرس مارگرٹ کا قصہ تو بالکل من گھڑت ہے۔ مری کی ٹھنڈی ہواؤں سے یہاں لاہور کی گرمیوں میں آنے کے باعث سرسام ہو گیا ہے۔ ‘‘

توفیق اٹھ کھڑا ہوا

’’بکو نہیں!‘‘

نصیر ہنسا

’’اگر نہیں ہوا تو آج کل میں ہو جائے گا۔ بتاؤ تمہارے ابا کب تک ہسپتال میں رہیں گے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ توفیق کی کرسی پر بیٹھ گیا۔ توفیق نے اپنے کلف لگے ململ کے کرتے کی ڈھیلی آستینوں کو اوپر چڑھا دیا اور جمیل کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا

’’چلو چلیں۔ میری طبیعت یہاں گھبرا رہی ہے۔ ‘‘

جمیل اٹھا

’’بھئی توفی، تم کوئی بات چھپا رہے ہو۔ ضرور کوئی گڑ بڑ ہوئی ہے۔ ‘‘

’’گڑ بڑ کچھ نہیں۔ نصیر کی بکواس سے کون ہے جس کی طبیعت نہیں گھبراتی۔ توفیق نے جیب سے باجا نکالا اور منہ کے ساتھ لگا کر بجانا شروع کردیا۔ نصیر نے اپنی ٹانگیں میز پر پھیلا دیں اور زور سے کہا

’’بکواس ہے۔ سب بکواس ہے۔ یہ دھن جو تم بجا رہے ہو رشید عطرے کی ہے۔ اور رشید عطرے کی کوئی دھن سن کر آج تک کوئی اینگلو انڈین یا کرسیچن نرس بے ہوش نہیں ہوئی۔ بہتر ہو گا اگر تم رومال پر تھوڑا سا کلوروفام چھڑک کرلے جاؤ۔ ‘‘

ریاض نے تاش کی گڈی رکھ دی اور نصیر کی ٹانگیں ایک طرف ریل دیں۔

’’کچھ بھی ہو۔ لیکن ہم اتنا جانتے ہیں کہ توفی جہاں اپنی گاڑی کا ہارن بجائے تو لڑکیاں سن کر اس پر فریفتہ ہو جاتی ہیں۔ ‘‘

نصیر نے سگریٹ کی گردن ایش ٹرے میں دبائی

’’اور سائیکل کی گھنٹی بجائے تو آسمان سے فرشتے اترنے شروع ہو جاتے ہیں۔ ایک دفعہ اسکی کھانسی کی آواز سن کر باغِ جناح کی ساری بلبلیں اپنی نغمہ سرائی بھول گئی تھیں۔ بڑا ہنگامہ ہو گیا تھا۔ ماسٹر غلام حیدر نے پورا ایک مہینہ ان کو ریہرسل کرائی۔ تب جا کروہ کہیں ٹوں ٹاں کرنے لگیں۔ ‘‘

توفیق کے سوا باقی سب ہنسنے لگے۔ نصیر ذرا سنجیدہ ہو گیا۔ اٹھ کر توفیق کے پاس آگیا۔ اس کے کلف لگے ململ کے کرتے کی ایک شکن درست کی اور کہا۔

’’مذاق برطرف۔ لو اب بتاؤ ہسپتال کی لونڈیا سے تمہارا معاملہ کہاں تک پہنچا؟۔ میں تو سمجھتا ہوں وہیں کا وہیں ہو گا۔ ایک شریف آدمی اپنڈے سائٹس کا آپریشن کرائے پڑا ہے۔ مقررہ اوقات پر یہ تمہاری نرس صاحبہ تشریف لاتی ہیں۔ جناب صرف ایک دفعہ صبح اور ایک دفعہ شام وہاں جاسکتے ہیں۔ مریض، اور وہ بھی قبلہ والد صاحب۔ وہ مریض اپنڈے سائٹس اور تم مریض عشق۔ ‘‘

ریاض نے قریب قریب گا کر کہا۔

’’مریضِ عشق پر رحمت خدا کی۔ ‘‘

نصیر کی رگِ مذاق پھڑک اٹھی۔ اور مریضِ عشق پر جب خدا کی رحمت نازل ہوتی ہے۔ تو وہ بینڈ ماسٹر بن جاتا ہے۔ آج توفی کا منہ باجا بجا رہا ہے۔ خدا کی رحمت شاملِ حل رہی تو کل سیکسو فون بجائے گا۔ آہستہ آہستہ اس کے ساتھ دوسرے مریضانِ عشق شامل ہو جائیں گے۔ پھر یہ براتوں کے ساتھ منہ میں کلارنٹ دبائے فلمی ٹیونیں بجایا کرے گا۔ ہیرا منڈی سے گزرتے ہوئے اس کی کلارنٹ کا منہ اونچا ہو جایا کرے گا۔ گال دھونکنی کی طرح پھولیں گے۔ گلے کی رگیں ابھر آئینگی۔ اور رنڈیاں کوٹھوں پر سے اس پر رحمت خداوندی کے پھول برسائیں گی‘‘

توفیق تنگ آگیا۔ ہاتھ جوڑ کر نصیر سے کہنے لگا

’’خدا کے لیے یہ بھانڈ پنا بند کرو۔ ‘‘

نصیر نے جمیل کی طرف دیکھا

’’لو صاحب ہم بھانڈ ہو گئے۔ دنیا بھر کی نقلیں یہ اتاریں۔ زمانے بھر کی خرافات یہ بکیں۔ اوربھانڈ ہم کہلائیں۔ یہ تو آج انھیں منہ میں گھنگھنیاں ڈالے دیکھ کر میں نے چھیڑ خانی شروع کردی کہ شائد اسی حیلے اُکسیں، منہ سے بولیں۔ سر سے کھیلیں۔ ورنہ جائے استاد خالی است، کجا دام رام کجاٹیں ٹیں‘‘

یہ کہہ کر اس نے توفیق کے کلف لگے ململ کے کُرتے کی شکن درست کی

’’بھئی توفیق ذرا چہکو۔ کیا ہو گیا ہے تمہیں۔ ‘‘

توفیق نے جیب سے سگریٹ کیس نکالا۔ ایک سلگایا اور کش لیتا کرسی پر بیٹھ گیا۔ مپز پر سے تاش کی گڈی اٹھائی اور پیسنیں کھیلنے لگا۔ لیکن نصیر نے لپک کر پتے اٹھالیے۔

’’یہ بڈھے جرنیلوں کا کھیل ہے جو زندگی میں کئی بار اپنی تمام کشتیاں جلا چکے ہوں۔ تم اتنے مایوس کیوں ہو گئے ہو۔ مارگرٹ نہ سہی کوئی اور سہی۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ جمیل اور ریاض سے مخاطب ہوا۔

’’یارو بتاؤ یہ فنالہ کون ہے؟۔ خوبصورت ہے؟۔ چندے آفتاب چندے مہتاب ہے؟۔ پانی پیتی ہے تو گردن میں سے دکھائی دیتا ہے؟‘‘

جمیل توفیق کے پاس بیٹھ گیا، وہ فارسی کا محاورہ ہے۔ لیلی بنظرِ مجنوں باید دید۔ مارگرٹ بنظرِ توئی باید دید، ۔ کیوں توفی؟‘‘

توفیق خاموش رہا۔

’’میں پوچھتا ہوں، خوبصورت ہے؟۔ اس کے بدن سے آنڈوفارم کی بھینی بھینی بو آتی ہے؟۔ اسکی گردن دیکھ کر گردن توڑ بخار ہوتا ہے یا نہیں؟‘‘

نصیر یہ کہتا کہتا میز پر بیٹھ گیا۔

’’مینڈکیوں کو جو زکام ہوتا ہے اس کا علاج تووہ ضرور جانتی ہو گی۔ خدا کے لیے مجھ اس سے ملاؤ۔ ورنہ مجھ پر ہسٹیریا کے دورے پڑنے لگیں گے۔ ‘‘

جمیل نے ریاض کی طرف دیکھا۔

’’ریاض اس کو کئی مرتبہ دیکھ چکا ہے۔ ‘‘

’’ریاض کے دیکھنے سے کیا ہوتا ہے۔ اس کو تو اندھ عورتا ہے۔ ‘‘

نصیر مسکرایا۔

’’جمیل نے پوچھا یہ اندھ عورتا کیا ہے؟‘‘

نصیر نے ریاض کے چشمہ لگے چہرے کو گھور کے دیکھا اور جمیل کو جواب دیا۔

’’جناب یہ ایک بیماری کا نام ہے۔ اس کے مریض عورتوں کو نہیں دیکھ سکتے۔ چاہے اصلی پتھر کا چشمہ لگائیں۔ ‘‘

ریاض مسکرا دیا۔ شاید اسی لیے مجھے مارگرٹ میں وہ حسن نظر نہ آیا۔ جس کی تعریف میں توفی نے زمین و آسمان کے قلابے ملا رکھے تھے۔ توفیق نے اپنا جھکا ہوا سر اٹھا کر ریاض سے صرف اتنا پوچھا

’’کیا وہ حسین نہیں تھی؟‘‘

ریاض نے جواب دیا۔

’’ہرگز نہیں۔ صاف ستھری لڑکی البتہ ضرور ہے۔ ‘‘

’’لانڈری سے تازہ تازہ آئی ہوئی شلوار کی طرح؟

’’نصیر ابھی کچھ اور کہنا چاہتا تھا کہ ریاض بول پڑا۔

’’ہاں یار۔ ایک لڑکی اس نے شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی۔ ان کپڑوں میں اچھی لگتی تھی۔ میں اور توفی موٹر میں تھے۔ توفی ڈرائیو کررہا تھا۔ موٹر ہسپتال کے پھاٹک میں داخل ہوئی تو اسٹیئرنگ توفی کے ہاتھوں کے نیچے پھسلا۔ لڑکی دیکھ کر ہمیشہ اسکی یہی کیفیت ہوتی ہے۔ میں نے سامنے دیکھا تو وہ شلوار قمیض پہنے مٹکتی چلی آرہی تھی۔ توفی نے موٹر عین اسکے پاس روکی اور کہا۔ گڈمورننگ۔ وہ مسکرائی۔ لکھنوی انداز سے دایاں ہاتھ ماتھے تک لے گئی۔ اور کہا۔ آداب عرض۔ جیسا لباس ویسی بولی۔ لونڈیا ہے چالاک۔ توفی ابھی کوئی فقرہ موزوں کررہا تھا کہ وہ چھوٹے چھوٹے مگر تیز قدم اٹھاتی آگے بڑھ گئی۔ توفی نے فقرے کو چوڑا اور سینے پر دوہتڑ مار کر کہا۔ مار ڈالا۔ اتنے میں مارگرٹ کا عکس بیک ویو مرر میں نمودار ہوا۔ توفی نے بڑے تھیٹری انداز میں ایک عدد چما اس کی طرف پھینکا اور موٹر اسٹارٹ کردی۔ ‘‘

تمہاری اس گفتگو سے ثابت کیا ہوا؟ نصیر نے اپنے گھنگھریالے بالوں کا ایک گُچھا مروڑتے ہوئے کہا۔ بات یہ ہے کہ جب تک یہ خاکسار بقلمِ خود اس لونڈیا کو نہیں دیکھے گا کچھ بھی ثابت نہیں ہو گا۔ جھوٹ بولوں تو توفی ہی کا منہ کالا ہو۔ ‘‘

توفیق خاموش سگریٹ کے کش لیتا رہا۔ جمیل نے اپنی کرسی ذرا آگے بڑھائی اور ریاض سے پوچھا۔

’’اچھا بھئی یہ بتاؤ توفی نے کبھی اسے موٹر کی سیر نہیں کرائی۔ ‘‘

ریاض نے جواب دیا

’’ایک دفعہ اس نے کہا تھا تو اس سے مجھے یاد نہیں رہا۔ اس نے کیا جواب دیا تھا۔ بات دراصل یہ ہے کہ توفی کو کھل کے بات کرنے کا موقعہ ہی نہیں ملا۔ ٹمپریچر لینے یا ٹیکہ لگانے کے لیے آتی ہے تو باپ کی موجودگی میں یہ اس سے کیا بات کرسکتا ہے۔ پھر بھی اشاروں کنایوں میں کچھ نہ کچھ ہو ہی جاتا ہے۔ میرا خیال ہے یہ ادائیں آج صرف اسی لیے ہیں کہ اس کے ابا جان دو تین دنوں ہسپتال چھوڑنے والے ہیں کیونکہ زخم اب بالکل بھر چکا ہے۔ کیوں توفی؟‘‘

توفیق نے صرف اتنا کہا۔

’’مجھے ستاؤ نہیں یار۔ ‘‘

اور اٹھ کر باہر باغ میں چلا گیا۔ نصیر نے اپنی ٹھوڑی ہاتھ میں پکڑی اور چہرے پر گہری فکر مندی کے نشانات پیدا کرکے کہا۔

’’کہیں لمڈے کو اِسک تو نہیں ہو گیا۔ ‘‘

’’توفی اور عشق۔ دو متضاد چیزیں ہیں۔ ‘‘

ریاض کرسی پرسے اٹھا۔ اور سنجیدگی سے کہنے لگا۔

’’کوئی اور ہی چیز ہوئی ہے جناب کو۔ میرا خیال ہے لاہور میں اس کا جی لگ گیا تھا۔ والد ٹھیک ہو گئے ہیں تو اب اسے واپس مری جانا پڑے گا۔ ‘‘

’’بکواس ہے‘‘

نصیر چلایا

’’کوئی اور ہی بات ہے۔ تم یہاں ٹھہرو۔ میں ابھی دریافت کرکے آتا ہوں۔ ‘‘

نصیر اٹھ کر باہر چلنے لگا تو جمیل نے اس سے پوچھا۔

’’کس سے دریافت کرنے چلے ہو۔ ‘‘

نصیر مسکرایا۔ گھوڑے کے منہ سے۔ انگریزی میں فروم دی ہارسر ماؤتھ!‘‘

یہ کہہ کر وہ باہر نکل گیا۔ جمیل نے ریاض کی طرف دیکھا اور سنجیدگی سے پوچھا۔ ہاں بھئی ریاض، یہ سلسلہ کیا ہے۔ توفی ایک دن بہت تعریف کررہا تھا۔ اس مارگرٹ کی۔ کہتا تھا کہ معاملہ پٹا سمجھو۔ کیا یہ ٹھیک ہے؟‘‘

’’ٹھیک ہی ہو گا۔ میرا مطلب ہے ایسا کون سا چتوڑ گڑھ کا قلعہ یہ جو توفی کو سر کرنا ہے۔ ایک دن کورسی ڈور میں کافی میٹھی میٹھی باتیں کررہے تھے؟‘‘

’’کیا؟‘‘

’’میں نے پاکٹ بک میں نوٹ کی ہوئی ہیں۔ کسی روز پڑھ کے تمہیں سناؤں گا‘‘

جمیل کے ہونٹوں پر کھسیانی سی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔

’’مذاق کرتے ہویار۔ سناؤ۔ کوئی اور بات سناؤ۔ میرا مطلب ہے، یہ بتاؤ کہ میں کبھی اس نرس کو دیکھ سکتا ہوں۔ ‘‘

’’جب چاہو دیکھ سکتے ہو۔ ہسپتال چلے جاؤ، فیملی وارڈ میں تمہیں نظر آجائے گی۔ لیکن کیا کرو گے دیکھ کہ تمہارا قد بہت چھوٹا ہے۔ وہ تم سے پوری ایک بالشت اونچی ہے۔ ‘‘

اس قد نے مجھے کہیں کا نہیں رکھا۔ بہتیرے علاج کروا چکا ہوں۔ ایک سوئی برابر اونچا نہیں ہوا۔ اچھا، میں نے کہا، ریاض۔ باپ کی موجودگی میں توفی اس سے اشارے بازی کیسے کرتا ہو گا۔ نہیں، لڑکا ہوشیار ہے!‘‘

ریاض نے تاش کی گڈی اٹھائی اور پتے پھینٹنے شروع کیے

’’اچھی خاصی مصیبت ہے۔ ہروقت یہی دھڑکا کہ والد دیکھ نہ لے، تاڑ نہ جائے۔ کہتا تھا جونہی ان کی نگاہیں میری طرف اٹھتی تھیں، میں نظریں نیچی کرلیتا تھا۔ جب وہ آتی تھی تو دس پندرہ منٹوں میں غریب کو صرف تین چار موقعے آنکھ لڑانے کو ملتے تھے۔ ‘‘

جمیل نے پوچھا۔

’’ڈی ایس پی ہیں نا توفی کے ابا جان‘‘

’’ہاں بھائی۔ باپ ہونا ہی کافی ہوتا ہے۔ اوپر سے ڈی ایس پی۔ ‘‘

جمیل نے آہ بھری۔

’’میرے تمام رومانس غارت کرنے والے میرے ابا جان ہیں۔ حج سے پہلے ان کی غارت گردی اتنے زوروں پر نہ تھی، پر جب سے آپ خانہ کعبہ سے واپس تشریف لائے ہیں۔ آپ کی غارت گردی عروج پر ہے۔ سوچتا ہوں شادی کرلوں۔ ایک لڑکا پیدا کروں اور بیٹھا اس سے اپنا انتقام لیتا رہوں۔ ‘‘

ریاض مسکرایا۔

’’حج کرنے جاؤ گے؟‘‘

’’ایک نہیں دس دفعہ۔ صاحب زادے کو ساتھ لے کر جاؤں گا۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے میز پر زور سے مکا مارا۔ آواز کے ساتھ ہی نصیر داخل ہوا۔ ریاض اور جمیل دونوں اسکی طرف غور سے دیکھنے لگے۔ نصیر انتہائی سنجیدگی کے ساتھ کرسی پر بیٹھ گیا۔ جمیل کے دماغ میں کُھد بُد ہونے لگی۔

’’کچھ دریافت کیا؟‘‘

’’سب کچھ‘‘

نصیر کا جواب مختصر تھا۔ ریاض نے پوچھا

’’توفی کہاں ہے؟‘‘

نصیر نے جواب دیا۔

’’چلا گیا ہے‘‘

’’کہاں‘‘

یہ سوال ریاض نے کیا۔

’’واپس مری۔ ‘‘

نصیر کا یہ جواب سن کر ریاض اور جمیل دونوں بیک وقت بولے

’’مری واپس‘‘

’’جی ہاں۔ مری واپس چلا گیا ہے۔ ‘‘

اپنی موٹر میں۔ ہسپتال سے سیدھا یہاں کلب آیا۔ یہاں سے سیدھا مری روانہ ہو گیا ہے۔ نصیر نے ایک ایک لفظ چبا چبا کر ادا کیا۔ جمیل بے چین ہو گیا۔

’’آخر ہوا کیا؟‘‘

نصیر نے جواب دیا۔

’’حادثہ!‘‘

جمیل اور ریاض دونوں بولے

’’کیسا حادثہ؟‘‘

’’بتاتا ہوں‘‘

یہ کہہ کر نصیر نے جیب سے سگریٹ کی ڈبیا نکالی جس میں کوئی سگریٹ نہیں تھا۔ ڈبیا ایک طرف پھینک کر وہ ریاض اور جمیل سے مخاطب ہوا۔

’’معاملہ بہت سنگین ہے؟‘‘

جمیل نے ریاض سے کہا۔

’’میرا خیال ہے توفی پکڑا گیا ہو گا!‘‘

ریاض نے کہا

’’معلوم ایسا ہی ہوتا ہے۔ آدمی کب تک کسی کی آنکھوں میں دُھول جھونک سکتا ہے۔ ڈی۔ ایس۔ پی ہے۔ فوراً تاڑ گیا ہو گا۔ لیکن نصیر تم بتاؤ۔ توفی نے تم سے کیا کہا۔ ‘‘

’’بتاتا ہوں۔ ایک سگریٹ دینا جمیل‘‘

جمیل نے اس کو ایک سگریٹ دیا اسے سلگا کر اس نے بات شروع کی، باپ کی موجودگی میں اس کی نرس سے اشارہ بازی ہوتی تھی۔ یہ تم لوگوں کو معلوم ہے۔ یہ سلسلہ اشارے بازی کا بہت دنوں سے جاری تھا۔ توفی اس میں خاصا کامیاب رہا تھا۔ باپ کی موجودگی کے باعث اسے بہت محتاط رہنا پڑتا تھا وہ ذرا گردن گھماتے تو یہ فوراً اپنی آنکھیں نیچی کرلیتا۔ ان دقتوں کے باوجود اس نے لڑکی سے ربط بڑھا ہی لیا۔ اور ڈیوٹی کے روز شام کو وہ اسے ایک مرتبہ سینما بھی لے گیا۔ ‘‘

جمیل گٹکا

’’واہ!‘‘

ریاض نے کہا۔

’’مجھ سے اُس نے اس کا ذکر نہیں کیا۔ ‘‘

نصیر نے سگریٹ کا کش لیا۔

’’سینما میں وہ خوب ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل گئے۔ نرس کو توفی کا چنچل پنا بہت پسند آیا۔ پرسوں کی ملاقات میں آج کی شام طے ہوئی کہ وہ توفی کے ساتھ دور تک موٹر میں سیر کرنے چلے گی۔ اور توفی اپنی عادت سے مجبور ہو کر اگر کوئی شرارت کرنا چاہے گا تو وہ بُرا نہیں مانے گی۔ ‘‘

جمیل پھر گٹکا

’’واہ!‘‘

ریاض نے اسے ٹوکا۔

’’خاموش رہو جمیل۔ ‘‘

نصیر نے سگریٹ کا ایک لمبا کش لیا۔

’’پرسوں کی ملاقات میں جو کچھ طے ہوا تھا، میں آپ کو بتا چکا ہوں۔ توفی بہت خوش تھا۔ اپنے خیال کے مطابق وہ ایک بہت بڑا میدان مارنے والا تھا۔ آج دن بھر وہ اسکیمیں بناتارہا۔ پٹرول کا انتظام اس نے کرلیا۔ کرم الٰہی نے اسے چھ کوپن دے دیے تھے۔ اسی کی پرمٹ پر بیئر کی چھ بوتلیں بھی حاصل کرلی تھیں جو غالباً ابھی تک امتیاز کے فرجڈیئر میں ٹھنڈی ہورہی ہیں۔ توفی کی اسکیم یہ تھی کہ چنیوٹ کے پل تک چلیں گے۔ حسن و عشق کے دریا چناب کی لہریں ہوں گے۔ موسم بھی خوشگوار ہو گا۔ گلاس راستے میں خرید لیں گے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی بیئر اڑے گی۔ خوب سرور جمیں گے۔ لیکن۔ ‘‘

یہ کہہ کر نصیر ایک دم خاموش ہو گیا۔ جمیل نے بے چین ہوکر پوچھا۔

’’سارا معاملہ غارت ہو گیا؟‘‘

نصیر نے اثبات میں سرہلایا۔

’’سارا معاملہ غارت ہو گیا۔ ‘‘

جمیل نے اور زیادہ بے چین ہو کر پوچھا۔

’’کیسے؟‘‘

نصیر نے سگریٹ کی گردن ایش ٹرے میں دبائی اور کہا

’’پروگرام یہ تھا کہ وہ شام کو چھ بجے ہسپتال جائے گا۔ گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ اپنے باپ کے پاس بیٹھے گا۔ اس دوران میں جب مارگرٹ آئے تو وہ سیر کی بات پکی کرلے گا۔ بات پکی ہو جائے گی تو وہ سیدھا امتیاز کے ہاں جائے گا۔ کچھ دیر وہاں بیٹھے گا۔ بیئر کی ایک بوتل پیے گا۔ باقی پانچ موٹر میں رکھے اور جو جگہ مقرر ہوئی ہو گی وہاں مارگرٹ سے جا ملے گا۔ دل و دماغ سخت بے چین تھا۔ گھر سے وقت سے کچھ پہلے ہی نکل آیا۔ ہسپتال پہنچا۔ موٹر ایک طرف کھڑی کی۔ و ارڈ کی طرف چلا۔ سیڑھیاں طے کیں اوپر پہنچا۔ کمرے کا دروازہ کھولا تو کیا دیکھتا ہے۔ ‘‘

نصیر ایک دم رک گیا۔ جمیل اور ریاض دونوں بیک وقت بولے

’’کیا دیکھتا ہے۔ ؟‘‘

’’دیکھتا ہے کہ۔ ٹھہرو‘‘

نصیر تھوڑی دیر کے لیے رکا۔

’’میں توفی کے الفاظ میں بیان کرتا ہوں۔ میں نے کمرے کا دروازہ کھولا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ماگرٹ پلنگ پر جُھکی ہوئی ہے اور والد صاحب۔ اور والد صاحب اس کے ہونٹ چوس رہے ہیں۔ ‘‘

جمیل اورریاض قریب قریب اچھل پڑے

’’سچ؟‘‘

نصیر نے جواب دیا۔

’’دروغ برگردنِ راوی‘‘

جمیل جس کے دل و دماغ پر حیرت مسلط تھی بڑبڑایا

’’کمال کردیا۔ ڈی ایس پی صاحب نے۔ ‘‘

ریاض نے نصیر سے پوچھا۔

’’توفی نے کیا کیا؟‘‘

نصیر نے جواب دیا۔

’’آنکھیں نیچی کرلیں اور چلا آیا۔ ‘‘

جمیل، ریاض سے مخاطب ہوا

’’میرے والد صاحب قبلہ کبھی ایسے نظارے کا موقعہ دیں تو مزا آجائے۔ پتہ نہیں توفی کیوں اس قدر پریشان تھا؟‘‘

نصیر نے کہا

’’توفی کی والدہ صاحبہ اُس کے ساتھ تھیں۔ توفی نے مجھ سے کہا میں تو نظریں نیچی کرکے چلایا۔ لیکن امی جان دروازہ کھول کر اندر کمرے میں چلی گئیں۔ جمیل نے پر افسوس لہجے میں کہا۔

’’قبلہ والد صاحب کے ساتھ یہ زیادتی ہوئی!‘‘

2جون1950

سعادت حسن منٹو

نیا قانون

منگو کوچوان اپنے اڈے میں بہت عقلمند آدمی سمجھا جاتا تھا۔ گو اس کی تعلیمی حیثیت صفر کے برابر تھی اور اس نے کبھی اسکول کا منہ بھی نہیں دیکھا تھا لیکن اس کے باوجود اسے دنیا بھر کی چیزوں کا علم تھا۔ اڈے کے وہ تمام کوچوان جن کو یہ جاننے کی خواہش ہوتی تھی کہ دنیا کے اندر کیا ہو رہا ہے استاد منگو کی وسیع معلومات سے اچھی طرح واقف تھے۔ پچھلے دنوں جب استاد منگو نے اپنی ایک سواری سے سپین میں جنگ چھڑ جانے کی افواہ سنی تھی۔ تو اس نے گاما چودھری کے چوڑے کاندھے پر تھپکی دے کر مدبرانہ انداز میں پیش گوئی کی تھی

’’دیکھ لینا گاما چودھری، تھوڑے ہی دنوں میں اسپین کے اندر جنگ چھڑ جائے گی۔ ‘‘

جب گاما چودھری نے اس سے یہ پوچھا تھا۔ کہ اسپین کہاں واقع ہے تو استاد منگو نے بڑی متانت سے جواب دیا تھا۔ ولایت میں اور کہاں؟‘‘

اسپین کی جنگ چھڑی۔ اور جب ہر شخص کو پتہ چل گیا۔ تو اسٹیشن کے اڈے میں جتنے کوچوان حُقہ پی رہے تھے۔ دل ہی دل میں استاد منگو کی بڑائی کا اعتراف کر رہے تھے۔ اور استاد منگو اس وقت مال روڈ کی چمکیلی سطح پر تانگہ چلاتے ہوئے کسی سواری سے تازہ ہندو مسلم فساد پر تبادلہ خیال کر رہا تھا۔ اس روز شام کے قریب جب وہ اڈے میں آیا تو اس کا چہرہ غیر معمولی طور پر تمتمایا ہوا تھا۔ حُقے کا دور چلتے چلتے جب ہندومسلم فساد کی بات چھڑی تو استاد منگو نے سر پر سے خاکی پگڑی اتاری۔ اور بغل میں داب کر بڑے مفکرانہ لہجے میں کہا:۔

’’یہ کسی پیر کی بددُعا کا نتیجہ ہے کہ آئے دن ہندوؤں اور مسلمانوں میں چاقو، چُھریاں چلتی رہتی ہیں۔ اور میں نے اپنے بڑوں سے سُنا ہے کہ اکبر بادشاہ نے کسی درویش کا دل دکھایا تھا۔ اور اس درویش نے جل کر یہ بددُعا دی تھی۔ جا، تیرے ہندوستان میں ہمیشہ فساد ہی ہوتے رہیں گے۔ اور دیکھ لو جب سے اکبر بادشاہ کا راج ختم ہوا ہے ہندوستان میں فساد پر فساد ہوتے رہتے ہیں‘‘

یہ کہہ کر اس نے ٹھنڈی سانس بھری۔ اور پھر حقّے کا دم لگا کر اپنی بات شروع کی۔

’’یہ کانگرسی ہندوستان کو آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ میں کہتا ہوں اگر یہ لوگ ہزار سال بھی سر پٹکتے رہیں۔ تو کچھ نہ ہو گا۔ بڑی سے بڑی بات یہ ہو گی کہ انگریز چلا جائے گا اور کوئی اٹلی والا آجائے گا۔ یا وہ روس والا جس کی بابت میں نے سنا ہے کہ بہت تگڑا آدمی ہے۔ لیکن ہندوستان سدا غلام رہے گا۔ ہاں میں یہ کہنا بھول ہی گیا۔ کہ پیر نے یہ بددُعا بھی دی تھی کہ ہندوستان پر ہمیشہ باہر کے آدمی راج کرتے رہیں گے۔ ‘‘

استاد منگو کو انگریزوں سے بڑی نفرت تھی۔ اور اس نفرت کا سبب تو وہ یہ بتلایا کرتا تھا کہ وہ ہندوستان پر اپنا سکہ چلاتے ہیں۔ اور طرح طرح کے ظلم ڈھاتے ہیں۔ مگر اس کے تنّفر کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ چھاؤنی کے گورے اسے بہت ستایا کرتے تھے۔ وہ اس کے ساتھ ایسا سلوک کرتے تھے۔ گویا وہ ایک ذلیل کُتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے ان کا رنگ بھی بالکل پسند نہ تھا۔ جب کبھی وہ گورے کے سُرخ وسپید چہرے کو دیکھتا۔ تو اُسے متلی آ جاتی۔ نہ معلوم کیوں۔ وہ کہا کرتا تھا کہ ان کے لال جھریوں بھرے چہرے دیکھ کر مجھے وہ لاش یاد آ جاتی ہے جس کے جسم پر سے اوپر کی جھلّی گل گل کر جھڑ رہی ہو! جب کسی شرابی گورے سے اس کا جھگڑا ہو جاتا۔ تو سارا دن اس کی طبیعت مکّدر رہتی۔ اور وہ شام کو اڈے میں آکر ہل مارکہ سگرٹ پیتے یا حُقے کے کش لگاتے ہوئے اس ’’گورے‘‘ کو جی بھر کر سنایا کرتا۔

’’۔۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘ یہ موٹی گالی دینے کے بعد وہ اپنے سر کو ڈھیلی پگڑی سمیت جھٹکا دے کر کہا کرتا تھا

’’آگ لینے آئے تھے۔ اب گھر کے مالک ہی بن گئے ہیں۔ ناک میں دم کر رکھا ہے ان بندروں کی اولاد نے۔ یوں رعب گانٹھتے ہیں۔ گویا ہم ان کے باوا کے نوکر ہیں۔۔۔۔۔۔ ‘‘

اس پر بھی اس کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوتا تھا۔ جب تک اس کا کوئی ساتھی اس کے پاس بیٹھا رہتا وہ اپنے سینے کی آگ اُگلتا رہتا۔

’’شکل دیکھتے ہو نا تم اس کی۔۔۔۔۔۔۔۔ جیسے کوڑھ ہو رہا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ بالکل مُردار، ایک دھپّے کی مار اور گٹ پٹ یوں بک رہا تھا۔ جیسے مار ہی ڈالے گا۔ تیری جان کی قسم، پہلے پہل جی میں آئی۔ کہ ملعون کی کھوپڑی کے پُرزے اڑا دوں لیکن اس خیال سے ٹل گیا کہ اس مردود کو مارنا اپنی ہتک ہے‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ کہتے کہتے وہ تھوڑی دیر کے لیے خاموش ہو جاتا۔ اور ناک کو خاکی قمیض سے صاف کرنے کے بعد پھر بڑبڑانے لگ جاتا۔

’’قسم ہے بھگوان کی ان لاٹ صاحبوں کے ناز اٹھاتے اٹھاتے تنگ آگیا ہوں۔ جب کبھی ان کا منحوس چہرہ دیکھتا ہوں۔ رگوں میں خون کھولنے لگ جاتا ہے۔ کوئی نیا قانون وانون بنے۔ تو ان لوگوں سے نجات ملے۔ تیری قسم جان میں جان آ جائے‘‘

اور جب ایک روز استاد منگو نے کچہری سے اپنے تانگے پر دو سواریاں لادیں۔ اور ان کی گفتگو سے اسے پتہ چلا کہ ہندوستان میں جدید آئین کا نفاذ ہونے والا ہے تو اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ دو مار واڑی جو کچہری میں اپنے دیوانی مقدمے کے سلسلے میں آئے تھے گھر جاتے ہوئے جدید آئین یعنی انڈیا ایکٹ کے متعلق آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔ سُنا ہے کہ پہلی اپریل سے ہندوستان میں نیا قانون چلے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا ہر چیز بدل جائے گی؟‘‘

’’ہر چیز تو نہیں بدلے گی۔ مگر کہتے ہیں کہ بہت کچھ بدل جائے گا اور ہندوستانیوں کو آزادی مل جائے گی؟‘‘

’’کیا بیاج کے متعلق بھی کوئی نیا قانون پاس ہو گا؟‘‘

’’یہ پوچھنے کی بات ہے کل کسی وکیل سے دریافت کریں گے۔ ان مار واڑیوں کی بات چیت استاد منگو کے دل میں ناقابلِ بیان خوشی پیدا کر رہی تھی۔ وہ اپنے گھوڑے کو ہمیشہ گالیاں دیتا تھا۔ اور چابک سے بہت بُری طرح پیٹا کرتا تھا۔ مگر اس روز وہ بار بار پیچھے مڑ کر مارداڑیوں کی طرف دیکھتا۔ اور اپنی بڑھی ہوئی مونچھوں کے بال ایک انگلی سے بڑی صفائی کے ساتھ اونچے کرکے گھوڑے کی پیٹھ پر باگیں ڈھیلی کرتے ہوئے بڑے پیار سے کہتا چل بیٹا۔۔۔۔۔۔۔ ذرا ہوا سے باتیں کرکے دکھا دے‘‘

مارواڑیوں کو ان کے ٹھکانے پہنچا کر اس نے انارکلی میں دینو حلوائی کی دکان پر آدھ سیر دہی کی لسّی پی کر ایک بڑی ڈکار لی۔ اور مونچھوں کو منہ میں دبا کر ان کو چُوستے ہوئے ایسے ہی بلند آواز میں کہا۔

’’ہمت تیری ایسی تیسی۔ ‘‘

شام کو جب وہ اڈے کو لوٹا۔ تو خلافِ معمول اسے وہاں اپنی جان پہچان کا کوئی آدمی نہ مل سکا۔ یہ دیکھ کر اس کے سینے میں ایک عجیب و غریب طوفان برپا ہو گیا۔ آج وہ ایک بڑی خبر اپنے دوستوں کو سنانے والا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت بڑی خبر، اور اس خبر کو اپنے اندر سے نکالنے کے لیے وہ سخت مجبور ہو رہا تھا لیکن وہاں کوئی تھا ہی نہیں۔ آدھ گھنٹے تک وہ چابک بغل میں دبائے اسٹیشن کے اڈے کی آہنی چھت کے نیچے بیقراری کی حالت میں ٹہلتا رہا۔ اس کے دماغ میں بڑے اچھے اچھے خیالات آ رہے تھے۔ نئے قانون کے نفاذ کی خبر نے اس کو ایک نئی دنیا میں لاکر کھڑا کر دیا تھا۔ وہ اس نئے قانون کے متعلق جو پہلی اپریل کو ہندوستان میں نافذ ہونے والا تھا۔ اپنے دماغ کی تمام بتیاں روشن کرکے غورو فکر کر رہا تھا۔ اس کے کانوں میں مارواڑی کا یہ اندیشہ کیا بیاج کے متعلق بھی کوئی نیا قانون پاس ہو گا؟‘‘

بار بار گونج رہا تھا۔ اور اس کے تمام جسم میں مسّرت کی ایک لہر دوڑا رہا تھا۔ کئی بار اپنی گھنی مونچھوں کے اندر ہنس کر اس نے مارواڑیوں کو گالی دی‘‘

۔۔۔۔ غریبوں کی کُھٹیا میں گُھسے ہوئے کھٹمل۔۔۔۔۔ نیا قانون ان کے لیے کھولتا ہوا پانی ہو گا۔ ‘‘

وہ بے حد مسرور تھا، خاص کر اس وقت اس کے دل کو بہت ٹھنڈک پہنچتی جب وہ خیال کرتا کہ گوروں۔۔۔۔۔۔۔ سفید چوہوں (وہ ان کو اسی نام سے یاد کیا کرتا تھا) کی تھوتھنیاں نئے قانون کے آتے ہی بِلّوں میں ہمیشہ کے لیے غائب ہو جائیں گی۔ جب نتھو گنجا، پگڑی بغل میں دبائے، اڈے میں داخل ہوا۔ تو استاد منگو بڑھ کر اُس سے ملا اور اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر بلند آواز سے کہنے لگا‘‘

لا ہاتھ ادھر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایسی خبر سناؤں کہ جی خوش ہو جائے؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تیری اس گنجی کھوپری پر بال اُگ آئیں۔ ‘‘

اور یہ کہہ کر منگو نے بڑے۔۔۔۔۔۔۔ مزے لے لے کر نئے قانون کے متعلق اپنے دوست سے باتیں شروع کر دیں۔ دورانِ گفتگو میں اس نے کئی مرتبہ نتھو گنجے کے ہاتھ پر زور سے اپنا ہاتھ مار کر کہا‘‘

تو دیکھتا رہ، کیا بنتا ہے، یہ روس والا بادشاہ کچھ نہ کچھ ضرور کرکے رہے گا۔ استاد منگو موجودہ سوویت نظام کی اشتراکی سرگرمیوں کے متعلق بہت کچھ سُن چکا تھا۔ اور اسے وہاں کے نئے قانون اور دوسری نئی چیزیں بہت پسند تھیں۔ اسی لیے اس نے روس والے بادشاہ ’’کو انڈیا ایکٹ‘‘ یعنی جدید آئین کے ساتھ ملا دیا۔ اور پہلی اپریل کو پرانے نظام میں جو نئی تبدیلیاں ہونے والی تھیں۔ وہ اُنھیں ’’روس والے بادشاہ‘‘ کے اثر کا نتیجہ سمجھتا تھا۔ کچھ عرصے سے پشاور اور دیگر شہروں میں سُرخ پوشوں کی تحریک جا رہی تھی۔ منگو نے اس تحریک کو اپنے دماغ میں ’’روس والے بادشاہ‘‘ اور پھر نئے قانون کے ساتھ خلط ملط کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ جب کبھی وہ کسی سے سنتا۔ کہ فلاں شہر میں بم ساز پکڑے گئے ہیں۔ یا فلاں جگہ اتنے آدمیوں پر بغاوت کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا ہے۔ تو ان تمام واقعات کو نئے قانون کا پیش خیمہ سمجھتا۔ اور دل ہی دل میں خوش ہوتا۔ ایک روز اس کے تانگے میں دو بیرسٹر بیٹھے نئے آئین پر بڑے زور سے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اور وہ خاموشی سے ان کی باتیں سن رہا تھا۔ ان میں سے ایک دوسرے سے کہہ رہا تھا۔

’’جدید آئین کا دوسرا حصّہ فیڈریشن ہے جو میری سمجھ میں ابھی تک نہیں آسکا۔ فیڈریشن دنیا کی تاریخ میں آج تک نہ سُنی نہ دیکھی گئی۔ سیاسی نظریہ سے بھی یہ فیڈریشن بالکل غلط ہے۔ بلکہ یوں کہنا چاہئے کہ یہ کوئی فیڈریشن ہے ہی نہیں!‘‘

ان بیرسٹروں کے درمیان جو گفتگو ہوئی اس میں بیشتر الفاظ انگریزی کے تھے۔ اس لیے استاد منگو صرف اُوپر کے جملے ہی کو کسی قدر سمجھا اور اُس نے کہا۔

’’یہ لوگ ہندوستان میں نئے قانون کی آمد کو بُرا سمجھتے ہیں۔ اور نہیں چاہتے کہ ان کا وطن آزاد ہو۔ ‘‘

چنانچہ اس خیال کے زیر اثر اس نے کئی مرتبہ ان دو بیرسٹروں کو حقارت کی نگاہوں سے دیکھ کر کہا۔

’’ٹو ڈی بچے!‘‘

جب کبھی وہ کسی کو دبی زبان میں ’’ٹوڈی بچہ‘‘ کہتا تو دل میں یہ محسوس کرکے بڑا خوش ہوتا کہ اس نے اس نام کو صحیح جگہ استعمال کیا ہے اور یہ کہ وہ شریف آدمی اور ’’ٹوڈی بچے‘‘ کی تمیز کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اس واقعے کے تیسرے روز وہ گورنمنٹ کالج کے تین طلبا کو اپنے تانگے میں بٹھا کر مزنگ جا رہا تھا کہ اس نے ان تین لڑکوں کو آپس میں یہ باتیں کرتے سنا:۔

’’نئے آئین نے میری امیدیں بڑھا دی ہیں اگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صاحب اسمبلی کے ممبر ہو گئے۔ تو کسی سرکاری دفتر میں ملازمت ضرور مل جائے گی۔ ‘‘

’’ویسے بھی بہت سی جگہیں اور نکلیں گی۔ شاید اسی گڑبڑ میں ہمارے ہاتھ بھی کچھ آ جائے۔ ‘‘

’’ہاں ہاں کیوں نہیں۔ ‘‘

’’وہ بے کار گریجویٹ جو مارے مارے پھر رہے ہیں۔ ان میں کچھ تو کمی ہو گی۔ ‘‘

اس گفتگو نے استاد منگو کے دل میں جدید آئین کی اہمیت اور بھی بڑھا دی۔ وہ اس کو ایسی چیز

’’سمجھنے لگا جو بہت چمکتی ہو‘‘

نیا قانون۔۔۔۔۔۔۔۔

! وہ دن میں کئی بار سوچتا یعنی کوئی نئی چیز!

اور ہر بار اس کی نظروں کے سامنے اپنے گھوڑے کا وہ ساز آ جاتا۔ جو اس نے دو برس ہوئے چودھری خدا بخش سے اچھی طرح ٹھونک بجا کر خریدا تھا۔ اس ساز پر جب وہ نیا تھا۔ جگہ جگہ لوہے کی نِکل کی ہوئی کیلیں چمکتی تھیں اور جہاں جہاں پیتل کا کام تھا وہ تو سونے کی طرح دمکتا تھا۔ اس لحاظ سے بھی ’’نئے قانون‘‘ کا درخشاں و تاباں ہونا ضروری تھا۔ پہلی اپریل تک استاد منگو نے جدید آئین کے خلاف اور اس کے حق میں بہت کچھ سنا۔ مگر اس کے متعلق جو تصور وہ اپنے ذہن میں قائم کر چکا تھا۔ بدل نہ سکا۔ وہ سمجھتا تھا کہ پہلی اپریل کو نئے قانون کے آتے ہی سب معاملہ صاف ہو جائے گا۔ اور اس کو یقین تھا کہ اس کی آمد پر جو چیزیں نظر آئیں گی ان سے اس کی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچے گی۔ آخر کار مارچ کے اکتیس دن ختم ہو گئے اور اپریل کے شروع ہونے میں رات کے چند خاموش گھنٹے باقی رہ گئے۔ موسم خلافِ معمول سرد تھا۔ اور ہوا میں تازگی تھی۔ پہلی اپریل کو صبح سویرے استاد منگو اُٹھا اور اصطبل میں جاکر گھوڑے کو جوتا اور باہر نکل گیا۔ اس کی طبیعت آج غیر معمولی طور پر مسرور تھی۔۔۔۔۔۔ وہ نئے قانون کو دیکھنے والا تھا۔ اس نے صبح کے سرد دُھندلکے میں کئی تنگ اور کُھلے بازاروں کا چکر لگایا۔ مگر اسے ہر چیز پرانی نظر آئی۔ آسمان کی طرح پرانی۔ اس کی نگاہیں آج خاص طور پر نیا رنگ دیکھنا چاہتی تھیں۔ مگر سوائے اس کلغی کے جو رنگ برنگ کے پروں سے بنی تھی۔ اور اس کے گھوڑے کے سر پر جمی ہوئی تھی۔ اور سب چیزیں پرانی نظر آتی تھیں۔ یہ نئی کلغی اس نے نئے قانون کی خوشی میں یکم مارچ کو چودھری خدا بخش سے ساڑھے چودہ آنہ میں خریدی تھی۔ گھوڑے کی ٹاپوں کی آواز، کالی سڑک اور اس کے آس پاس تھوڑا تھوڑا فاصلہ چھوڑ کر لگائے ہوئے بجلی کے کھمبے، دکانوں کے بورڈ، اس کے گھوڑے کے گلے میں پڑے ہوئے گھنگھرو کی جھنجھناہٹ، بازار میں چلتے پھرتے آدمی۔۔۔۔۔۔۔ ان میں سے کون سی چیز نئی تھی؟ ظاہر ہے کہ کوئی بھی نہیں لیکن اُستاد منگو مایوس نہیں تھا۔

’’ابھی بہت سویرا ہے دکانیں بھی تو سب کی سب بند ہیں‘‘

اس خیال سے اُسے تسکین تھی۔ اس کے علاوہ وہ یہ بھی سوچتا تھا۔

’’ہائی کورٹ میں نو بجے کے بعد ہی کام شروع ہوتا ہے۔ اب اس سے پہلے نئے قانون کا کیا نظر آئے گا؟‘‘

جب اس کا تانگہ گورنمنٹ کالج کے دروازے کے قریب پہنچا۔ تو کالج کے گھڑیال نے بڑی رعونت سے نو بجائے۔ جو طلبا کالج کے بڑے دروازے سے باہر نکل رہے تھے۔ خوش پوش تھے۔ مگر استاد منگو کو نہ جانے ان کے کپڑے مَیلے مَیلے سے کیوں نظر آئے۔ شاید اس کی وجہ یہ تھی، کہ اس کی نگاہیں آج کسی خیرہ کن جلوے کا نظارہ کرنے والی تھیں۔ تانگے کو دائیں ہاتھ موڑ کر وہ تھوڑی دیر کے بعد پھر انار کلی میں تھا۔ بازار کی آدھی دکانیں کھل چکی تھیں۔ اور اب لوگوں کی آمدورفت بھی بڑھ گئی تھی۔ حلوائی کی دکانوں پر گاہکوں کی خوب بھیڑ تھی۔ منہاری والوں کی نمائشی چیزیں شیشے کی الماریوں میں لوگوں کو دعوتِ نظارہ دے رہی تھیں۔ اور بجلی کے تاروں پر کئی کبوتر آپس میں لڑ جھگڑ رہے تھے۔ مگر استاد منگو کے لیے ان تمام چیزوں میں کوئی دلچسپی نہ تھی۔۔۔۔۔۔۔ وہ نئے قانون کو دیکھنا چاہتا تھا۔ ٹھیک اسی طرح جس طرح وہ اپنے گھوڑے کو دیکھ رہا تھا۔ جب اُستاد منگو کے گھر میں بچہ پیدا ہونے والا تھا۔ تو اس نے چار پانچ مہینے بڑی بے قراری سے گزارے تھے۔ اس کو یقین تھا کہ بچہ کسی نہ کسی دن ضرور پیدا ہو گا مگر وہ نتظار کی گھڑیاں نہیں کاٹ سکتا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ اپنے بچے کو صرف ایک نظر دیکھ لے۔ اس کے بعد وہ پیدا ہوتا رہے۔ چنانچہ اسی غیر مغلوب خواہش کے زیرِ اثر اس نے کئی بار اپنی بیمار بیوی کے پیٹ کو دبا دبا کر اور اس کے اوپر کان رکھ کر اپنے بچے کے متعلق کچھ جاننا چاہا تھا مگر ناکام رہا تھا۔ ایک مرتبہ وہ انتظار کرتے کرتے اس قدر تنگ آگیا تھا کہ اپنی بیوی پر برس پڑا تھا:

’’تو ہر وقت مُردے کی طرح پڑی رہتی ہے۔ اُٹھ ذرا چل پھر، تیرے انگ میں تھوڑی سی طاقت تو آئے۔ یوں تختہ بنے رہنے سے کچھ نہ ہو سکے گا۔ تو سمجھتی ہے کہ اس طرح لیٹے لیٹے بچّہ جن دے گی؟‘‘

اُستاد منگو طبعاً بہت جلد باز واقع ہوا تھا۔ وہ ہر سبب کی عملی تشکیل دیکھنے کا خواہش مند تھا بلکہ متجسّس تھا۔ اس کی بیوی گنگاوئی اس کی اس قسم کی بے قراریوں کو دیکھ کر عام طور پر یہ کہا کرتی تھی۔

’’ابھی کنواں کھودا نہیں گیا اور پیاس سے نڈھال ہو رہے ہو۔ ‘‘

کچھ بھی ہو مگر اُستاد منگو نئے قانون کے انتظار میں اتنا بیقرار نہیں تھا۔ جتنا کہ اسے اپنی طبیعت کے لحاظ سے ہونا چاہیے تھا۔ وہ نئے قانون کو دیکھنے کے لیے گھر سے نکلا تھا، ٹھیک اسی طرح جیسے وہ گاندھی یا جواہر لال کے جلوس کا نظارہ کرنے کے لیے نکلا کرتا تھا۔ لیڈروں کی عظمت کا اندازہ اُستاد منگو ہمیشہ ان کے جلوس کے ہنگاموں اور اُن کے گلے میں ڈالے ہوئے پھولوں کے ہاروں سے کیا کرتا تھا اگر کوئی لیڈر گیندے کے پھولوں سے لدا ہوتو استاد منگو کے نزدیک، وہ بڑا آدمی تھا۔ اور اگر کسی لیڈر کے جلوس میں بھیڑ کے باعث دو تین فساد ہوتے ہوتے رہ جائیں۔ تو اس کی نگاہوں میں وہ اور بھی بڑا تھا۔ اب نئے قانون کو وہ اپنے ذہن کے اسی ترازو میں تولنا چاہتا تھا۔ انار کلی سے نکل کر وہ مال روڈ کی چمکیلی سطح پر اپنے تانگے کو آہستہ آہستہ چلا رہا تھا کہ موٹروں کی دکان کے پاس اسے چھاؤنی کی ایک سواری مل گئی۔ کرایہ طے کرنے کے بعد اس نے اپنے گھوڑے کو چابک دکھایا۔ اور دل میں خیال کیا:۔

’’چلو یہ بھی اچھا ہوا۔۔۔۔۔۔۔ شاید چھاؤنی ہی سے نئے قانون کا کچھ پتہ چل جائے۔ ‘‘

چھاؤنی پہنچ کر استاد منگو نے سواری کو اس کی منزل مقصود پر اتاردیا۔ اور جیب سے سگریٹ نکال کر بائیں ہاتھ کی آخری دو انگلیوں میں دبا کر سلگایا۔ اور پچھلی نشست کے گدّے پر بیٹھ گیا۔۔۔۔۔۔۔۔ جب اُستاد منگو کو کسی سواری کی تلاش نہیں ہوتی تھی۔ یا اُسے کسی بیتے ہوئے واقعے پر غور کرنا ہوتا تھا۔ تو وہ عام طور پر اگلی نشست چھوڑ کر پچھلی نشست پر بڑے اطمینان سے بیٹھ کر اپنے گھوڑے کی باگیں دائیں ہاتھ کے گرد لپیٹ لیا کرتا تھا۔ ایسے موقعوں پر اس کا گھوڑا تھوڑا سا ہنہنانے کے بعد بڑی دھیمی چال چلنا شروع کر دیتا تھا۔ گویا اسے کچھ دیر کے لیے بھاگ دوڑ سے چھٹی مل گئی ہے۔ گھوڑے کی چال اور استاد منگو کے دماغ میں خیالات کی آمد بہت سُست تھی۔ جس طرح گھوڑا آہستہ آہستہ قدم اُٹھا رہا تھا۔ اسی طرح استاد منگو کے ذہن میں نئے قانون کے متعلق نئے قیاسات داخل ہو رہے تھے۔ وہ نئے قانون کی موجودگی میں میونسپل کمیٹی سے تانگوں کے نمبر ملنے کے طریقے پر غور کر رہا تھا۔ وہ اس قابلِ غور بات کو آئینِ جدید کی روشنی میں دیکھنے کی سعی کر رہا تھا۔ وہ اس سوچ بچار میں غرق تھا۔ اُسے یوں معلوم ہوا جیسے کسی سواری نے اُسے بُلایا ہے۔ پیچھے پلٹ کر دیکھنے سے اسے سڑک کے اس طرف دُور بجلی کے کھمبے کے پاس ایک ’’گورا‘‘ کھڑا نظر آیا۔ جو اُسے ہاتھ سے بُلا رہا تھا۔ جیسا کہ بیان کی جا چکا ہے۔ استاد منگو کو گوروں سے بیحد نفرت تھی۔ جب اُس نے اپنے تازہ گاہک کو گورے کی شکل میں دیکھا۔ تو اس کے دل میں نفرت کے جذبات بیدار ہو گئے۔ پہلے تو اس کے جی میں آئی کہ بالکل توجہ نہ دے اور اس کو چھوڑ کر چلا جائے مگر بعد میں اس کو خیال آیا۔ ان کے پیسے چھوڑنا بھی بیوقوفی ہے۔ کلغی پر جو مفت میں ساڑھے چودہ آنے خرچ دئیے ہیں۔ ان کی جیب ہی سے وصول کرنے چاہئیں۔ چلو چلتے ہیں۔ ‘‘

خالی سڑک پر بڑی صفائی سے ٹانگہ موڑ کر اس نے گھوڑے کو چابک دکھایا اور آنکھ جھپکنے میں وہ بجلی کے کھمبے کے پاس تھا۔ گھوڑے کی باگیں کھینچ کر اس نے تانگہ ٹھہرایا اور پچھلی نشست پر بیٹھے بیٹھے گورے سے پوچھا،

’’صاحب بہادر کہاں جانا مانگٹا ہے؟‘‘

اس سوال میں بلا کا طنزیہ انداز تھا، صاحب بہادر کہتے وقت اس کا اوپر کا مونچھوں بھرا ہونٹ نیچے کی طرف کھچ گیا۔ اور پاس ہی گال کے اس طرف جو مدھم سی لکیر ناک کے نتھنے سے ٹھوڑی کے بالائی حصے تک چلی آ رہی تھی، ایک لرزش کے ساتھ گہری ہو گئی، گویا کسی نے نوکیلے چاقو سے شیشم کی سانولی لکڑی میں دھاری ڈال دی ہے۔ اس کا سارا چہرہ ہنس رہا تھا، اور اپنے اندر اس نے اس ’’گورے‘‘ کو سینے کی آگ میں جلا کر بھسم کر ڈالا تھا۔ جب ’’گورے‘‘ نے جو بجلی کے کھمبے کی اوٹ میں ہوا کا رُخ بچا کر سگرٹ سُلگا رہا تھا مڑ کر تانگے کے پائدان کی طرف قدم بڑھایا تو اچانک استاد منگو کی اور اس کی نگاہیں چار ہوئیں۔ اور ایسا معلوم ہوا کہ بیک وقت آمنے سامنے کی بندوقوں سے گولیاں خارج ہوئیں۔ اور آپس میں ٹکرا کر ایک آتشیں بگولا بن کر اوپر کو اڑ گئیں۔ استاد منگو جو اپنے دائیں ہاتھ سے باگ کے بل کھول کر تانگے پر سے نیچے اُترنے والا تھا۔ اپنے سامنے کھڑے ’’گورے‘‘ کو یوں دیکھ رہا تھا گویا وہ اس کے وجود کے ذرّے ذرّے کو اپنی نگاہوں سے چبا رہا ہے۔ اور گورا کچھ اس طرح اپنی نیلی پتلون پر سے غیر مرئی چیزیں جھاڑ رہا ہے، گویا وہ استاد منگو کے اس حملے سے اپنے وجود کے کچھ حصے کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ گورے نے سگریٹ کا دُھواں نگلتے ہوئے کہا

’’جانا مانگٹا یا پھر گڑبڑ کرے گا؟‘‘

’’وہی ہے‘‘

یہ لفظ استاد منگو کے ذہن میں پیدا ہوئے۔ اور اس کی چوڑی چھاتی کے اندر ناچنے لگے۔

’’وہی ہے۔ ‘‘

اس نے یہ لفظ اپنے منہ کے اندر ہی اندر دُہرائے اور ساتھ ہی اسے پورا یقین ہو گیا۔ کہ وہ گورا جو اس کے سامنے کھڑا تھا۔ وہی ہے جس سے پچھلے برس اس کی جھڑپ ہوئی تھی، اور اس خواہ مخواہ کے جھگڑے میں جس کا باعث گورے کے دماغ میں چڑھی ہوئی شراب تھی۔ اسے طوہاً کرہاً بہت سی باتیں سہنا پڑی تھیں۔ استاد منگو نے گورے کا دماغ درست کر دیا ہوتا۔ بلکہ اس کے پُرزے اُڑا دئیے ہوتے، مگر وہ کسی خاص مصلحت کی بنا پر خاموش ہو گیا تھا۔ اس کو معلوم تھا کہ اس قسم کے جھگڑوں میں عدالت کا نزلہ عام طور کوچوانوں ہی پر گرتا ہے۔ استاد منگو نے پچھلے برس کی لڑائی اور پہلی اپریل کے نئے قانون پر غور کرتے ہوئے گورے سے کہا۔

’’کہاں جانا مانگٹا ہے؟‘‘

استاد منگو کے لہجے میں چابک ایسی تیزی تھی۔ گورے نے جواب دیا۔

’’ہیرا منڈی‘‘

’’کرایہ پانچ روپے ہو گا۔ استاد منگو کی مونچھیں تھرتھرائیں۔ یہ سن کر گورا حیران ہو گیا۔ وہ چلاّیا۔ پانچ روپے۔ کیا تم۔۔۔۔۔۔؟‘‘

’’ہاں، ہاں، پانچ روپے۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے استاد منگو کا داہنا بالوں بھرا ہاتھ بھنج کر ایک وزنی گھونسے کی شکل اختیار کر گیا۔

’’کیوں جاتے ہو یا بیکار باتیں بناؤ گے؟‘‘

استاد منگو کا لہجہ زیادہ سخت ہو گیا۔ گورا پچھلے برس کے واقعے کو پیش نظر رکھ کر استاد منگو کے سینے کی چوڑائی نظر انداز کر چکا تھا۔ وہ خیال کر رہا تھا کہ اس کی کھوپڑی پھر کھجلا رہی ہے۔ اس حوصلہ افزا خیال کے زیر اثر وہ تانگے کی طرف اکڑ کر بڑھا اور اپنی چھڑی سے استاد منگو کو تانگے پر سے نیچے اُترنے کا اشارہ کیا۔ بید کی یہ پالش کی ہوئی پتلی چھڑی استاد منگو کی موٹی ران کے ساتھ دو تین مرتبہ چھوئی۔ اس نے کھڑے کھڑے اوپر سے پست قد گورے کو دیکھا گویا وہ اپنی نگاہوں کے وزن ہی سے اسے پیس ڈالنا چاہتا ہے۔ پھر اس کا گھونسہ کمان میں سے تیر کی طرح سے اُوپر کو اُٹھا اور چشمِ زدن میں گورے کی ٹھڈی کے نیچے جم گیا۔ دھکا دے کر اس نے گورے کو پرے ہٹایا۔ اور نیچے اتر کر اسے دھڑا دھڑ پیٹنا شروع کر دیا۔ ششدر و متحیر گورے نے ادھر ادھر سمٹ کر استاد منگو کے وزنی گھونسوں سے بچنے کی کوشش کی۔ اور جب دیکھا کہ اس کے مخالف پر دیوانگی کی سی حالت طاری ہے۔ اور اس کی آنکھوں میں سے شرارے برس رہے ہیں۔ تو اس نے زور زور سے چلانا شروع کیا۔ اس کی چیخ پکار نے استاد منگو کی بانہوں کا کام اور بھی تیز کر دیا۔ وہ گورے کو جی بھر کے پیٹ رہا تھا۔ اور ساتھ ساتھ یہ کہتا جاتا تھا:۔

’’پہلی اپریل کو بھی وہی اکڑ فوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پہلی اپریل کو بھی وہی اکڑ فوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘

’’ہے بچہ؟‘‘

لوگ جمع ہو گئے۔ اور پولیس کے دو سپاہیوں نے بڑی مشکل سے گورے کو استاد منگو کی گرفت سے چھڑایا۔ استاد منگو ان دو سپاہیوں کے درمیان کھڑا تھا اس کی چوڑی چھاتی پھولی سانس کی وجہ سے اوپر نیچے ہو رہی تھی۔ منہ سے جھاگ بہہ رہا تھا۔ اور اپنی مسکراتی ہوئی آنکھوں سے حیرت زدہ مجمع کی طرف دیکھ کر وہ ہانپتی ہوئی آواز میں کہہ رہا تھا۔ ‘‘

’’وہ دن گزر گئے۔ جب خلیل خاں فاختہ اُڑایا کرتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔ اب نیا قانون ہے میاں۔۔۔۔۔۔۔۔ نیا قانون!‘‘

اور بیچارا گورا اپنے بگڑے ہوئے چہرے کے ساتھ بے وقوفوں کے مانند کبھی استاد منگو کی طرف دیکھتا تھا اور کبھی ہجوم کی طرف۔ استاد منگو کو پولیس کے سپاہی تھانے میں لے گئے۔ راستے میں اور تھانے کے اندر کمرے میں وہ ’’نیا قانون نیا قانون‘‘ چلاّتا رہا۔ مگر کسی نے ایک نہ سُنی۔

’’نیا قانون، نیا قانون۔ کیا بک رہے ہو۔۔۔۔۔۔۔۔ قانون وہی ہے پرانا!‘‘

اور اس کو حوالات میں بند کر دیا گیا!

سعادت حسن منٹو

نیا سال

کیلنڈر کا آخری پتا جس پر موٹے حروف میں31 دسمبر چھپا ہوا تھا، ایک لمحہ کے اندر اسکی پتلی انگلیوں کی گرفت میں تھا۔ اب کیلنڈر ایک ٹنڈ منڈ درخت سا نظر آنے لگا۔ جسکی ٹہنیوں پر سے سارے پتے خزاں کی پھونکوں نے اُڑا دیے ہوں۔ دیوار پر آویزاں کلاک ٹِک ٹِک کررہاتھا۔ کیلنڈر کا آخری پتا جو ڈیڑھ مربع انچ کاغذ کا ایک ٹکڑا تھا، اس کی پتلی انگلیوں میں یوں کانپ رہا تھا گویا سزائے موت کا قیدی پھانسی کے سامنے کھڑا ہے۔ کلاک نے بارہ بجائے، پہلی ضرب پر انگلیاں متحرک ہوئیں اور آخری ضرب پر کاغذ کا وہ ٹکرا ایک ننھی سی گولی بنا دیا گیا۔ انگلیوں نے یہ کام بڑی بے رحمی سے کیا اور جس شخص کی یہ انگلیاں تھیں اور بھی زیادہ بے رحمی سے اس گولی کو نگل گیا۔ اس کے لبوں پر ایک تیزابی مسکراہٹ پیدا ہُوئی اور اس نے خالی کیلنڈر کی طرف فاتحانہ نظروں سے دیکھا اور کہا۔

’’میں تمہیں کھا گیا ہوں۔ بغیر چبائے نگِل گیا ہُوں۔ ‘‘

اس کے بعد ایک ایسے قہقہے کا شور بلند ہوا جس میں ان توپوں کی گونج دب گئی جو نئے سال کے آغاز پر کہیں دور داغی جارہی تھیں۔ جب تک ان توپوں کا شور جاری رہا، اس کے سوکھے ہوئے حلق سے قہقہے آتشیں لاوے کی طرح نکلتے رہے، وہ بے حد خوش تھا۔ بے حد خوش، یہی وجہ تھی کہ اس پر دیوانگی کا عالم طاری تھا۔ اس کی مسرت آخری درجہ پر پہنچی ہوئی تھی، وہ سارے کا سارا ہنس رہا تھا۔ مگر اس کی آنکھیں رو رہی تھیں اور جب اسکی آنکھیں ہنستیں تو آپ اس کے سکڑے لبوں کو دیکھ کر یہی سمجھتے کہ اس کی روح کسی نہایت ہی سخت عذاب میں سے گزر رہی ہے۔ بار بار وہ نعرہ بلند کرتا۔

’’میں تمہیں کھا گیا ہُوں۔ بغیر چبائے نِگل گیا ہُوں۔ ایک ایک کرکے تین سو چھیاسٹھ دنوں کو، لیپ دن سمیت!‘‘

خالی کیلنڈر اُس کے اس عجیب و غریب دعوے کی تصدیق کررہا تھا۔ آج سے ٹھیک چار برس پہلے جب وہ اپنے کاندھوں پر مصیبتوں کا پہاڑ اُٹھا کر اپنی روٹی آپ کمانے کے لیے میدان میں نکلا تو کتنے آدمیوں نے اس کا مضحکہ اُڑایا تھا۔ کتنے لوگ اس کی

’’ہمت‘‘

پر زیرِ لب ہنستے تھے۔ مگر اس نے ان باتوں کی کوئی پرواہ نہ کی تھی اور اسے اب بھی کسی کی کیا پروا تھی، اس کو صرف اپنے آپ سے غرض تھی اور بس، دوسروں کی جنت پر وہ ہمیشہ اپنی دوزخ کو ترجیح دیتا رہا تھا۔ اور اب بھی اسی چیز پرپابند تھا۔ وہ ان دنوں گدھوں کی سی مشقت کررہا تھا۔ کُتّوں سے بڑھ کر ذلیل زندگی بسر کررہا تھامگر یہ چیزیں اس کے راستے میں حائل نہ ہوتی تھیں۔ کئی بار اسے ہاتھ پھیلانا پڑا۔ اس نے ہاتھ پھیلایا، لیکن ایک شان کے ساتھ۔ وہ کہا کرتا تھا۔

’’یہ سب بھکاری جو سڑکوں پر جھولیاں پھیلائے اور کشکول بڑھائے پھرتے رہتے ہیں، گولی مار کر اڑا دینے چاہئیں۔ بھِیک لے کر یہ ذلیل کتے شکر گزار نظر آتے ہیں۔ حالانکہ انھیں شکریہ گالیوں سے ادا کرنا چاہیے۔ جو بھیک مانگتے ہیں وہ اتنے لعنتی نہیں جتنے کہ یہ لوگ جو دیتے ہیں۔ دان پُن کے طور پر۔ جنت میں ایک ٹھنڈی کوٹھڑی بُک کرانے والے سوداگر! اس کو کئی مرتبہ روپے پیسے کی امداد حاصل کرنیکی خاطر شہر کے دھنوانوں کے پاس جانا پڑا۔ اُس نے ان دولتمندوں سے امداد حاصل کی۔ انکی کمزوریاں انہی کے پاس بیچ کر!۔ اور اُس نے یہ سودا کبھی اناڑی دکاندار کی خاطر نہیں کیا۔ آپ شہر کی صحت کے محافظ مقرر کیے گئے ہیں۔ لیکن درحقیقت آپ بیماریاں فراہم کرنے کے ٹھیکیدار ہیں۔ حکومت کی کتابوں میں آپ کے نام کے سامنے ہیلتھ آفیسر لکھا جاتا ہے، مگر میری کتاب میں آپ کا نام امراض فروشوں کی فہرست میں درج ہے۔ پرسوں مارکیٹ میں آپ نے سنگتروں کے دو سو ٹوکرے پاس کرکے بھجوائے جو طبی اصول کے مطابق صحت عامہ کے لیے سخت مضر تھے۔ دس روز پہلے آپ نے قریباً دو ہزار کیلوں پر اپنی آنکھیں بند کرلیں جن میں سے ہر ایک ہیضہ کی پُڑیا تھی۔ اور آج آپ نے اُس بوسیدہ اور غلیظ عمارت کو بچا لیا جہاں بیماریاں پرورش پاتی ہیں اور۔ اُسے عام طور پر آگے کہنے کی ضرورت ہی نہ پیش آتی تھی۔ اس لیے کہ اس کا سودا بہت کم گفتگو ہی سے طے ہو جاتا تھا۔ وہ ایک سستے اور بازاری قسم کے اخبار کا ایڈیٹر تھا۔ جس کی اشاعت دو سو سے زیادہ نہ تھی۔ دراصل وہ اشاعت کا قائل ہی نہ تھا۔ وہ کہا کرتا تھا

’’جو لوگ اخبار پڑھتے ہیں بے وقوف ہیں۔ اور جو لوگ اخبار پڑھ کر اس میں لکھی باتوں پر یقین کرتے ہیں۔ سب سے بڑے بیوقوف ہیں۔ جن لوگوں کی اپنی زندگی ہنگامے سے پُر ہو۔ اُن کو اِن چھپے ہُوئے چیتھڑوں سے کیا مطلب؟‘‘

وہ اخبار اس لیے نہیں نکالتا تھا کہ اسے مضامین لکھنے کا شوق تھا۔ یا وہ اخبار کے ذریعے سے شہرت حاصل کرنا چاہتا تھا۔ نہیں، بالکل نہیں۔ ایک دو گھنٹے کی مصروفیت کے سوا جو اس کے اخبار کی اشاعت کے لیے ضروری تھی وہ اپنا بقایا وقت ان خوابوں کی تعبیر دیکھنے میں گزارا کرتا تھا جو ایک زمانہ سے اس کے ذہن میں موجود تھے۔ وہ اپنے لیے ایک ایسا مقام بنانا چاہتا تھا جہاں اسے کوئی نہ چھیڑ سکے۔ جہاں وہ اطمینان حاصل کرسکے۔ خواہ وہ دو سیکنڈ ہی کا کیوں نہ ہو۔

’’جنگ کے میدان میں فتح پر برلبِ گورہی نصیب ہو۔ مگر ہو ضرور۔ اور اگر شکست ہو جائے، پٹنا پڑے تو بھی کیا ہرج ہے۔ شکست کھائیں گے لیکن فتح حاصل کرنیکی کوشش کرتے ہُوئے۔ موت ان کی ہے جو موت سے ڈرکر جان دیں، اور جو زندہ رہنے کی کوشش میں موت سے لپٹ جائیں زندہ ہیں۔ اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ کم از کم اپنے لیے!‘‘

دنیا اُس کے خلاف تھی۔ جو شخص بھی اس سے ملتا تھا اس سے نفرت کرتا تھا۔ وہ خوش تھا۔ نفرت میں محبت سے زیادہ تیزی ہوتی ہے۔ اگر سب لوگ مجھ سے محبت کرنا شروع کردیں تو میں اس پہیے کے مانند ہو جاؤں جس میں اندر باہر، اوپر نیچے سب جگہ تیل دیا گیا ہو۔ میں کبھی اس گاڑی کو آگے نہ دھکیل سکونگا جسے لوگ زندگی کہتے ہیں۔ قریب قریب سب اس کے خلاف تھے۔ اور وہ اپنے ان مخالفین کی طرف یُوں دیکھا کرتا تھا گویا وہ موٹر کے انجن میں لگے ہُوئے پُرزوں کو دیکھ رہا ہے،

’’یہ کبھی ٹھنڈے نہیں ہونے چاہئیں۔ ‘‘

اور اس نے اب تک ان کو ٹھنڈا نہ ہونے دیا تھا۔ وہ اس الاؤ کو جلائے رکھتا تھا۔ جس پر وہ ہاتھ تاپ کر اپنا کام کیا کرتا تھا جس روز وہ اپنے مخالفین میں کسی نئے آدمی کا اضافہ کرتا۔ تو اپنے دل سے کہا کرتا تھا۔

’’آج میں نے الاؤ میں ایک اور سوکھی لکڑی جھونک دی ہے جو دیر تک جلتی رہے گی۔ ‘‘

اُس کے ایک مخالف نے جلسے میں اُس کے خلاف بہت زہر اُگلا۔ اسے بہت بُرا بھلا کہا۔ حتیٰ کہ اسے ننگی گالیاں بھی دیں۔ اس کے مخالف کا خیال تھا کہ یہ سب کچھ سن کر اسے نیند نہ آئے گی۔ مگر اس کے برعکس وہ تو اس روز معمول کے خلاف بہت آرام سے سویا۔ اور اسے خود ساری رات آنکھوں میں کاٹنا پڑی۔ شب بھر اس کا ضمیر اسے ستاتا رہا۔ حتیٰ کہ صبح اٹھ کر وہ اس کے پاس آیا اور بہت بڑے ندامت بھرے لہجہ میں اس سے معذرت طلب کی۔

’’مجھے بہت افسوس ہے کہ میں نے آپ جیسے بلند اخلاق انسان کو برا بھلا کہا۔ گالیاں دیں۔ دراصل۔ دراصل میں نے یہ سب کچھ بہت جلد بازی میں کیا۔ سوچے سمجھے بغیر۔ مجھے اُکسایا گیا تھا۔ میں اپنے کیے پر نادم ہوں۔ اور مجھے اُمید ہے کہ آپ مجھے معاف فرما دیں گے۔ مجھ سے سخت غلطی ہوئی!‘‘

بُلند اخلاق!۔ اسے ا س لفظ اخلاق سے بہت چڑ تھی۔ اخلاق رُخِ انسانیت کا غازہ۔ اخلاق۔ اخلاق اخلاق۔ یعنی یہ نہ کرو، وہ نہ کرو کی بے معنی گردان۔ انسان کی آزادانہ سرگرمیوں پر بٹھایا ہوا سینسر! اس کو معلوم تھا کہ اسکے کمزور دل مخالف نے جھوٹ بولا۔ مگر نہ معلوم اس کے دل میں غصہ کیوں نہ پیدا ہوا۔ بخلاف اس کے اُسے ایسا محسوس ہوا کہ جو شخص اس کے سامنے بیٹھا معافی مانگ رہا ہے اس کی کوئی نہایت ہی عزیز شے فنا ہو گئی ہے۔ وہ غایت درجہ بے رحم تصورکیا جاتا تھا اور اصل میں وہ تھا بھی بے رحم، نرم و نازک جذبات سے اس کا سینہ بالکل پاک تھا۔ مگر اس پتھر پر سے کوئی چیز رینگتی ہُوئی نظر آئی۔ اسے اس شخص پر رحم آنے لگا۔

’’آج تم روحانی طور پر مر گئے ہو۔ اور مجھے تمہاری اِس موت پر افسوس ہے!‘‘

یہ سُن کر اس کے مخالف کو پھر گالیاں دینا پڑیں۔ مگر اُس کے کانوں تک کوئی آواز نہ پہنچ سکی۔ مُدت ہُوئی وہ اس کو کسی دو دراز قبرستان میں دفن کر چکا تھا۔ چار برس سے وہ اسی طرح جی رہا تھا، زبردستی، دنیا کی مرضی کے خلاف۔ بہت سی قوتیں اس کو پسپا کر دینے پر تُلی رہتی تھیں۔ مگر وہ اپنے وجود کا ایک ذّرہ بھی جنگ کے بغیر ان کے حوالے کرنے کے لیے تیار نہ تھا۔ جنگ، جنگ، جنگ۔ ہر مخالف قوت کے خلاف جنگ۔ رحم و ترحم سے ناآشنائی عشق و محبت سے پرہیز۔ امید، خوف اور استقبال سے بیگانگی۔ اور پھر جو ہو سو ہو! چار برس سے وہ زمانے کی تیز و تند ہوا میں ایک تناور اور مضبوط درخت کی طرح کھڑا تھا۔ موسموں کے تغیروتبدل نے ممکن ہے اُس کے جسم پر اثر کیا ہو مگر اس کی روح پر ابھی تک کوئی چیز اثر انداز نہ ہو سکی تھی۔ وہ ابھی تک ویسی ہی تھی۔ جیسی کہ آج سے چار برس پہلے تھی، فولاد کی طرح سخت، یہ سختی قدرت کی طرف سے عطا نہیں کی گئی تھی بلکہ خود اس نے پیدا کی تھی۔ وہ کہتا تھا۔

’’نرم و نازک روح کو اپنے سینے میں دبا کر تم زمانے کی پتھریلی زمین پر نہیں چل سکو گے۔ جو پھول کی پتی سے ہیرے کا جِگر کاٹنا چاہے اسے پاگل خانے میں بند کردینا چاہیے۔ ‘‘

شاعرانہ خیالات کو اس نے انپے دماغ میں کبھی داخل نہ ہونے دیا تھا اور اگر کبھی کبھار غیر ارادی طور پر وہ اس کے دماغ میں پیداہو جاتے تھے تو وہ ان

’’حرامی بچوں‘‘

کا فوراً گلا گھونٹ دیا کرتا تھا۔ وہ کہا کرتا تھا۔

’’میں اُن بچوں کا باپ نہیں بننا چاہتا جو میرے کاندھوں کا بوجھ بن جائیں۔ ‘‘

اس نے اپنے سازِ حیات سے ساری طربیں اُتار دیں تھیں۔ اس نے اس میں سے وہ تمام تار نوچ کر باہر نکال دیئے تھے جن میں سے نرم و نازک سُر نکلتے ہیں۔

’’زندگی کا صرف ایک راز ہے اور وہ رجزہے۔ جو آگے بڑھنے، حملہ کرنے، مرنے اور مارنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ اس کے سوا باقی تمام راگنیاں فضول ہیں جو اعضاء پر تھکارٹ طاری کرتی ہیں۔ ‘‘

اس کا دل شباب کے باوجود عشق و محبت سے خالی تھا۔ اسکی نظروں کے سامنے سے ہزار ہا خوبصورت لڑکیاں اور عورتیں گزر چکی تھیں، مگر ان میں سے کسی ایک نے بھی اُس کے دل پر اثر نہ کیا تھا۔ وہ کہا کرتا تھا۔

’’اس پتھر میں عشق کی جونک نہیں لگ سکتی!‘‘

وہ اکیلاتھا، بالکل اکیلا۔ کھجُور کے اس درخت کے مانند جو کسی تپتے ہوئے ریگستان میں تنہا کھڑا ہو۔ مگروہ اس تنہائی سے کبھی نہ گھبرایا تھا۔ دراصل وہ کبھی تنہا رہتا ہی نہ تھا۔

’’جب میں کام میں مشغول ہوتا ہُوں تو وہی میرا ساتھی ہوتا ہے۔ اور جب میں اُس سے فارغ ہو جاتا ہوں تو میرے دوسرے خیالات و افکار میرے گردوپیش جمع ہو جاتے ہیں۔ میں ہمیشہ اپنے دوستوں کے جمگٹھے میں رہتا ہو۔ ‘‘

وہ اپنے دن یوں بسر کرتا تھا جیسے آم کھا رہا ہے۔ شام کو جب وہ بستر پر دراز ہوتا تھا تو ایسا محسوس کیا کرتا تھا کہ اس نے دن کو چُوسی ہوئی گٹھلی کے مانند پھینک دیا ہے۔ اگر آپ اُس کے کمرے کی ایک دیوار ہوتے تو کئی بار آپ کے ساتھ یہ الفاظ ٹکراتے جو کبھی کبھی سوتے وقت اس کی زبان سے نکلا کرتے تھے۔

’’آج کا دن کتنا کھٹا تھا۔ اس برس کے ٹوکرے میں اگر بقایا دن بھی اسی قسم کے ہُوئے تو مزا آجائے گا!‘‘

اور راتیں۔ خواہ تاریک ہوں یا منور۔ اس کی نظر میں داشتائیں تھیں۔ جن کو وہ روز طلوعِ آفتاب کے ساتھ ہی بھول جاتا تھا۔ چار برس سے وہ اسی طرح زندگی بسر کررہا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ ایک اونچے چبوترے پربیٹھا ہے۔ ہاتھ میں ہتھوڑا لیے۔ زمانہ کا آہنی فیتہ اس کے سامنے سے گزر رہا ہے اور وہ اس فیتے پر ہتھوڑے کی ضربوں سے اپنا ٹھپہ لگائے جارہا ہے۔ ایک دن جب گزرنے لگتا ہے تو وہ فیتے کو تھوڑی دیر کے لیے تھام لیتا ہے۔ اور پھر اسے چھوڑ کر کہتا ہے۔

’’اب جاؤ، میں تمہیں اچھی طرح استعمال کرچکا ہوں۔ ‘‘

بعض لوگوں کو افسوس ہُوا کرتا ہے کہ ہم نے فلاں کام فلاں وقت پر کیوں نہیں کیا۔ اور یہ پچھتاوا وہ دیر تک محسوس کیا کرتے ہیں۔ مگر اسے آج تک اس قسم کا افسوس یا رنج نہیں ہُوا۔ جو وقت سوچنے میں ضائع ہوتا ہے وہ اس سے بغیر سوچے سمجھے فائدہ اٹھانے کی کوشش کیا کرتا تھا۔ خواہ انجام کار اسے نقصان ہی کیوں نہ پہنچے۔ اگر سوچ سمجھ کرچلنے ہی میں فائدہ ہوتا تو ان پیغمبروں اور نیکوکاروں کی زندگی تکلیفوں اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہرگز نہ ہوتی، جو ہر کام بڑے غور و فکر سے کیا کرتے تھے۔ اگر سوچ بچار کے بعد بھی نقصان ہو۔ یا ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے تو کیا اس سے یہ بہتر نہیں کہ غور و فکر میں پڑنے کے بغیر ہی نتائج کا سامنا کر لیا جائے۔ اسے ان چار برسوں میں ہزارہا ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ صرف منہ ہی نہیں بلکہ اِن کو سر سے پیر تک دیکھنا پڑا تھا مگر وہ اپنے اصول پر اسی طرح قائم تھا جس طرح تُند لہروں میں ٹھوس چٹان کھڑی رہتی ہے۔ آج رات بارہ بجے کے بعد نیا سال اس کے سامنے آرہا تھا۔ اور پرانے سال کو وہ ہضم کرگیا تھا۔ بغیر ڈکار لیے۔ نئے سال کی آمد پر وہ خوش تھا جس طرح اکھاڑے میں کوئی نامور پہلوان اپنے نئے مدِ مقابل کی طرف خم ٹھونک کر بڑھتا ہے۔ اسی طرح وہ نئے سال کے مقابلے میں اپنے ہتھیاروں سے لیس ہو کر کھڑا ہو گیا تھا۔ اب وہ بلند آواز میں کہہ رہا تھا۔

’’میں تم جیسے پہلوانوں کو پچھاڑ چکا ہوں۔ اب تمہیں بھی چاروں شانے چت گِرادونگا۔ ‘‘

جی بھر کر خوشی منانے کے بعد وہ نئے کیلنڈر کی طرف بڑھا جو میلی دیوار پر اوپر کی طرف سمٹ رہا تھا۔ تاریخ نما سے اس نے اوپر کا کاغذ ایک جھٹکے سے علیحدہ کردیا اور کہا۔

’’ذرا نقاب ہٹاؤ تو۔ دیکھو تمہاری شکل کیسی ہے۔ میں ہُوں تمہارا آقا۔ تمہارا مالک۔ تمہارا سب کچھ!‘‘

یکم جنوری کی تاریخ کا پتہ عریاں ہو گیا۔ ایک قہقہہ بُلند ہُوا اور اس نے کہا:۔

’’کل رات تم فنا کردیئے جاؤ گے!‘‘

سعادت حسن منٹو

نِکّی

طلاق لینے کے بعد وہ بالکل نچنت ہو گئی تھی۔ اب وہ ہر روز کی وانتا کِل کِل اور مار کٹائی نہیں تھے۔ نِکی بڑے آرام و اطمینان سے اپنا گزر اوقات کررہی تھی۔ یہ طلاق پورے دس برس کے بعد ہوئی تھی۔ نِکی کا شوہر بہت ظالم تھا۔ پرلے درجے کا نکھٹو اور شرابی کبابی۔ بھنگ چرس کی بھی لت تھی۔ کئی کئی دن بھنگڑ خانوں میں اور تکیوں میں پڑا رہتا تھا۔ ایک لڑکا ہوا تھا۔ وہ پیدا ہوتے ہی مر گیا۔ برس کے بعد ایک لڑکی ہوئی جو زندہ تھی اور اب نو برس کی تھی۔ نِکی سے اس کے شوہر گام کو اگرکوئی دلچسپی تھی تو صرف اتنی کہ وہ اس کو مار پیٹ سکتا تھا۔ جی بھر کے گالیاں دے سکتا تھا۔ طبیعت میں آئے تو کچھ عرصے کے لیے گھر سے نکال دیتا تھا۔ اس کے علاوہ نِکی سے اس کو اور کوئی سروکار نہیں تھا۔ محنت مزدوری کی جب تھوڑی سی رقم نِکی کے پاس جمع ہوتی تھی تو وہ اس سے زبردستی چھین لیتا تھا۔ طلاق بہت پہلے ہو چکی ہوتی۔ اس لیے کہ میاں بیوی کے نباہ کی کوئی صورت ہی نہیں تھی۔ یہ صرف گام کی ضد تھی کہ معاملہ اتنی دیر لٹکا رہا اس کے علاوہ ایک بات یہ تھی کہ نِکی کے آگے پیچھے کوئی بھی نہ تھا۔ ماں باپ نے اس کو ڈولی میں ڈال کر گام کے سپرد کیا اور دو مہینے کے اندر اندر راہی ملک بقا ہوئے جیسے انھوں نے صرف اسی غرض کے لیے موت کو روک رکھا تھا۔ انھیں اپنی بیٹی کو ایک لمبی موت کے لیے گام کے حوالے کرنا تھا۔ بہت دور کے دو ایک رشتہ دار ہوں گے۔ مگر نِکی سے ان کا کوئی واسطہ نہیں تھا۔ انھوں نے خود کو اور زیادہ دور کرلیا تھا۔ گام کیسا ہے، یہ نِکی کے ماں باپ اچھی طرح جانتے تھے۔ ان کی بیٹی ساری عمر روتی رہے گی، یہ بھی ان کو اچھی طرح معلوم تھا۔ مگر انھیں تو اپنی زندگی میں ایک فرض سے سبکدوش ہونا تھا۔ اور ایسے سبکدوش ہوئے کہ سارا بوجھ نِکی کے ناتواں کاندھوں پر ڈال گئے۔ طلاق لینے سے نِکی کا یہ مطلب نہیں تھا کہ کسی شریف سے نکاح کرنا چاہتی تھی۔ دوسری شادی کا اس کو کبھی خیال تک بھی نہ آیا تھا۔ طلاق ہونے کے بعد وہ کیا کرے گی، کیا نہیں کرے گی، اس کے متعلق بھی نِکی نے کبھی نہیں سوچا تھا۔ اصل میں وہ ہر روز کی بک بک اور جھک جھک سے صرف ایک اطمینان کا سانس لینا چاہتی تھی۔ اس کے بعد جو ہونے والا تھا اس کو نِکی بخوشی برداشت کرنے کے لیے تیار تھی۔ لڑائی جھگڑے کا آغاز تو پہلے روز ہی سے ہو گیا تھا۔ جب نِکی دولہن بن کر گام کے گھرگئی تھی۔ لیکن طلاق کا سوال اس وقت پیدا ہوا تھا۔ جب وہ گام کے سدھار کے لیے دعائیں مانگ مانگ کر عاجز آگئی تھی اور اس کے ہاتھ اپنی یا اس کی موت کے لیے اٹھنے لگے تھے۔ جب یہ حیلہ بھی بے اثر ثابت ہوا تو اس نے اپنے شوہر کی منت سماجت شروع کی کہ وہ اسے بخش دے اور علیحدہ کردے، مگرقدرت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ دس برس کے بعد تکیے میں ایک ادھیڑ عمر کی میراثن سے گام کی آنکھ لڑی اور ایک دن اس کے کہنے پر اس نے نِکی کو طلاق دے دی اور بیٹی پر بھی اپنا کوئی حق نہ جتایا۔ حالانکہ نِکی کو اس بات کا ہمیشہ د ھڑکا رہتا تھا کہ اگر اس کا شوہر طلاق پر راضی بھی ہو گیا تو وہ بیٹی کبھی اس کے حوالے نہیں کرے گا۔ بہرحال نِکی نچنت ہو گئی۔ اور ایک چھوٹی سی کوٹھڑی کرائے پر لے کر چین کے دن گزارنے لگی۔ اس کے دس برس اداس خاموشی میں گزرے تھے۔ دل میں ہر روز اس کے بڑے بڑے طوفان جمع ہوتے تھے مگر وہ خاوند کے سامنے اف تک نہیں کرسکتی تھی۔ اس لیے کہ اسے بچپن ہی سے یہ تعلیم ملی تھی کہ شوہر کے سامنے بولنا ایسا گناہ ہے جو کبھی بخشا ہی نہیں جاتا۔ اب وہ آزاد تھی اس لیے و ہ چاہتی تھی کہ اپنے دس برس کی بھڑاس کسی نہ کسی طرح نکالے۔ چنانچہ ہمسایوں سے اس کی اکثر لڑائی بھڑائی ہونے لگی۔ معمولی توں توں میں میں ہوتی جو گالیوں کی جنگ میں تبدیل ہو جاتی۔ نِکی پہلے جس قدر خاموش تھی۔ اب اسی قدر اس کی زبان چلتی تھی۔ منٹا منٹی میں وہ اپنے مدمقابل کی ساتوں پیڑھیاں پُن کر رکھ دیتی۔ ایسی ایسی گالیاں اور سٹھنیاں دیتی کہ حریف کے چھکے چھوٹ جاتے۔ آہستہ آہستہ سارے محلے پر نِکی کی دھاک بیٹھ گئی۔ یہاں کاروباری قسم کے مرد رہتے تھے۔ جو صبح سویرے اٹھ کر کام پر نکل جاتے اور رات دیر سے گھر لوٹتے۔ سارے دن میں عورتوں میں جو لڑائی جھگڑا ہوتا۔ اس سے وہ مرد بالکل الگ تھلگ رہتے تھے۔ ان میں سے شاید کسی کو پتا بھی نہیں تھا کہ نِکی کون ہے اور محلے کی ساری عورتیں اس سے کیوں دبتی ہیں۔ چرخہ کات کر، بچوں کے لیے گڑے گڑیاں بنا کر اور اسی طر کے چھوٹے موٹے کام کرکے وہ گزر اوقات کے لیے کچھ نہ کچھ پیدا کرلیتی تھی۔ طلاق لیے اسے قریب قریب ایک برس ہو چلا تھا۔ اس کی بیٹی بھولی اب گیارہ کے لگ بھگ تھی اور بڑی سرعت سے جوان ہورہی تھی، نِکی کو اس کے شادی بیاہ کی بہت فکر تھی۔ اس کے اپنے زیور تھے۔ جو ایک ایک کرکے گام نے چٹ کرلیے تھے۔ ایک صرف ناک کی کیل باقی رہ گئی تھی۔ وہ بھی گھس گھسا کر آدھی رہ گئی تھی۔ اسے بھولی کا پورا جہیز بنانا تھا اور اس کے لیے کافی روپیہ درکار تھا۔ تعلیم تھی، وہ اس نے اپنی طرف سے ٹھیک دی تھی۔ قرآن ختم کرادیا تھا۔ معمولی حرف شناسی کرلیتی تھی۔ کھانا پکانا خوب آتا تھا۔ گھر کے دوسرے کام کاج بھی اچھی طرح جانتی تھی۔ چونکہ نِکی کو اپنی زندگی میں بہت تلخ تجربہ ہوا تھا۔ اس لیے اس نے بھولی کو خاوند کا اطاعت گزارہونے کے لیے کبھی اشارتاً بھی نہیں کہا تھا۔ وہ چاہتی تھی کہ اس کی بیٹی سسرال میں چھڑکھٹ پربیٹھی راج کرے۔ ماں کے ساتھ جو کچھ بیتا تھا اس بپتا کا سارا حال بھولی کو معلوم تھا مگر ہمسایوں کے ساتھ جب نِکی کی لڑائی ہوتی تھی۔ تو وہ پانی پی پی کر اسے کوستی تھیں اور یہ طعنہ دیتی تھیں کہ وہ مطلقہ ہے جس کو خاوند نے صرف اس لیے علیحدہ کیا تھا کہ اس غریب کا نام میں دم کر رکھا تھا۔ اور بہت سی باتیں اپنی ماں کے کردار و اطوار کے متعلق اس کی سماعت میں آتی تھیں۔ مگر وہ خاموش رہتی تھی۔ بڑے بڑے معرکے کی لڑائیاں ہوتیں مگر وہ کان سمیٹے اپنے کام میں لگی رہتی۔ جب سارے محلے پر نِکی کی دھاک بیٹھ گئی تو کئی عورتوں نے مرعوب ہو کر اس کے پاس آنا جانا شروع کردیا۔ کئی اس کی سہیلیاں بن گئیں۔ جب ان کی اپنی کسی پڑوسن سے لڑائی ہوتی تو نِکی ساتھ دیتی اور ہر ممکن مدد کرتی۔ اسکے بدلے میں اس کو کبھی قمیض کے لیے کپڑا مل جاتا تھا۔ کبھی پھل، کبھی مٹھائی اور کبھی کبھی کوئی بھولی کے لیے سوٹ بھی سلوا دیتا تھا۔ لیکن جب نِکی نے دیکھا کہ ہر دوسرے تیسرے دن اسے محلے کی کسی نہ کسی عورت کی لڑائی میں شریک ہونا پڑتا ہے اور اس کے کام کاج کا حرج ہوتا ہے تو اس نے پہلے دبی زبان سے پھر کھلے لفظوں میں اپنا معاوضہ مانگنا شروع کردیا۔ اور آہستہ آہستہ اپنی فیس بھی مقرر کرلی۔ معرکے کی جنگ ہو تو پچیس روپے۔ دن زیادہ لگیں تو چالیس۔ معمولی چخ کے صرف چار روپے اور دو وقت کا کھانا۔ درمیانے درجے کی لڑائی کے پندرہ روپے۔ کسی کی سفارش ہو تو وہ کچھ رعایت بھی کردیتی تھی۔ اب چونکہ اس نے دوسروں کی طرف سے لڑنا اپنا پیشہ بنا لیا تھا۔ اس لیے اُسے محلے کی تمام عورتوں اور ان کی بہو بیٹیوں کے تمام فضیحتے یاد رکھنے پڑتے تھے۔ ان کا تمام حسب و نسب معلوم کرکے اپنی یادداشت میں محفوظ کرنا پڑتا تھا۔ مثال کے طور پر اس کو معلوم تھا کہ اونچی حویلی والی سوداگر کی بوی جو اپنی ناک پر مکھی نہیں بیٹھنے دیتی، ایک موچی کی بیٹی ہے اس کا باپ شہرمیں لوگوں کے جوتے گانٹھتا پھرتا تھا اور اس کا خاوند جو جناب شیخ صاحب کہلاتا ہے معمولی قصائی تھا۔ اسکے باپ پر ایک رنڈی مہربان ہو گئی تھی۔ وہ اسی کے بطن سے تھا اور یہ اونچی حویلی اس طوائف نے اپنے یار کو بنوا کر دی تھی۔ کس لڑکی کا کس کے ساتھ معاشقہ ہے۔ کون کس کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔ کون کتنے حمل گرا چکی ہے۔ اس کا حساب سب نِکی کو معلوم تھا۔ یہ تمام معلومات حاصل کرنے میں وہ کافی محنت کرتی تھی۔ کچھ مصالحہ اس کو اپنے موکلوں سے مل جاتا تھا۔ اسے اپنی معلومات کے ساتھ ملا کر وہ ایسے ایسے بم بناتی کہ مد مقابل کے چھکے چھوٹ جاتے تھے۔ ہوشیار وکیلوں کی طرح وہ سب سے وزنی ضرب صرف اسی وقت استعمال کرتی تھی۔ جب لوہا پوری طرح سرخ ہوتا۔ چنانچہ یہ ضرب سولہ آنے فیصلہ کن ثابت ہوتی تھی۔ جب وہ اپنے موکل کے ساتھ کسی محاذ پر جاتی تھی تو گھر سے پوری طرح کیل کانٹے سے لیس ہو کے جاتی تھی، طعنے مہنوں اور گالیوں اور سٹھنیوں کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اشیاء بھی استعمال کرتی تھی۔ مثال کے طور پر گھسا ہوا جوتا۔ پھٹی ہوئی قمیض۔ چمٹا۔ پھکنی وغیرہ وغیرہ۔ کوئی خاص تشبیہہ دینی ہو یا کوئی خاص الخاص اشارہ یا کہنا یہ مطلوب ہو تو وہ اس غرض کے لیے کار آمد شے گھر ہی سے لے کر چلتی تھی۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا کہ آج وہ جنتے کے لیے خیراں سے لڑی ہے۔ تو دو ڈھائی مہینے کے بعد اسی خیراں سے ڈبل فیس لے کر اسے جنتے سے لڑنا پڑتا تھا۔ ایسے موقعوں پر وہ گھبراتی نہیں تھی۔ اسے اپنے فن میں اس قدر مہارت ہو گئی تھی اور اس کی پریکٹس میں وہ اتنی مخلص تھی کہ اگر کوئی فیس دیتا تووہ اپنی بھی دھجیاں بکھیر دیتی۔ نِکی اب فارغ البال تھی۔ ہر مہینے اسے اب اتنی آمدن ہونے لگی تھی کہ اس نے پس انداز کرکے اپنی بیٹی بھولی کا جہیز بنانا شروع کردیا تھا۔ تھوڑے ہی عرصے میں اتنے گہنے پاتے اور کپڑے لتے ہوئے گئے تھے کہ وہ کسی بھی وقت اپنی بیٹی کو ڈولی میں ڈال سکتی تھی۔ اپنے ملنے والیوں سے وہ بھولی کے لیے کوئی اچھا سا بر تلاش کرنے کی بات کئی مرتبہ کر چکی تھی۔ شروع شروع میں تو اس کو کوئی اتنی جلدی نہیں تھی، مگر بھولی سولہ برس کی ہو گئی۔ لوٹھا کی لوٹھا۔ قد کاٹھ کی چونکہ اچھی تھی۔ اس لیے چودھویں برس ہی میں پوری جوان عورت بن گئی تھی۔ سترھویں میں تو ایسا لگتا تھا کہ وہ اس کی چھوٹی بہن ہے۔ چنانچہ اب نِکی کو دن رات اس کے بیاہ کی فکر ستانے لگی۔ نِکی نے بڑی دوڑ دھوپ کی۔ کوئی صاف انکار تو نہیں کرتا تھا۔ مگر دل سے حامی بھی نہیں بھرتا تھا۔ اس نے محسوس کیا کہ ہو نہ ہو لوگ اس سے ڈرتے ہیں۔ اس کی یہ صفت کہ لڑنے کے فن میں اپنا جواب نہیں رکھتی تھی۔ دراصل اس کے آڑے آرہی تھی۔ بعض گھروں میں تو وہ خود ہی سلسلہ جنیانی نہ کرتی کہ اس کی کسی عورت کا اس نے کبھی ناطقہ بند کیا تھا۔ دن پر دن چڑھتے جارہے تھے۔ اور گھر میں پہاڑ سی جوان بیٹی کنواری بیٹھی تھی۔ نِکی کو اپنے پیشے سے اب گھن آنے لگی اس نے سوچا کہ ایسا ذلیل کام کیوں اس نے اختیار کیا۔ مگر وہ کیا کرتی، محلے میںآرام چین کی جگہ پیدا کرنے کے لیے اسے پڑوسنوں کا مقابلہ کرنا ہی تھا۔ اگر وہ نہ کرتی تو اسے دب کے رہنا پڑتا۔ پہلے خاوند کے جوتے کھاتی تھی، پھر ان کی پیزار کی غلامی کرنی پڑی۔ یہ عجیب بات تھی کہ برسوں دبیل رہنے کے بعد جب اس نے اپنا جھکا ہوا سر اٹھایا اور مخالف قوتوں کا مقابلہ کرکے ان کو شکست دی، یہ قومیں جھک کر اس کی امداد کی طالب ہوئیں کہ دوسری قوتوں کو شکست دیں اور اُس کو اس امداد پر کچھ اس طرح راغب کیا گیا کہ اس کوچسکا ہی پڑ گیا۔ اس کے متعلق وہ سوچتی تو اس کا دل نہ مانتا تھا۔ کیوں کہ اس نے صرف بھولی کی خاطر اس پیشے کوجسے اب لوگ ذلیل سمجھنے لگے تھے اختیار کیا تھا۔ یہ بھی کم عجیب چیز نہیں تھی۔ نِکی کو روپے دے کر کسی عورت پر انگلی رکھ دی جاتی تھی۔ اور اس سے کہا جاتا تھا کہ وہ اس کی ساتوں پیڑھیاں پن ڈالے۔ اس کے آباؤ اجداد کی ساری کمزوریاں ماضی کے ملبے سے کرید کرید کر نکالے اور اس کے وجود پر چھید کردے۔ نِکی یہ کام بڑی ایمانداری سے کرتی وہ گالیاں جو ان کے منہ میں ٹھیک نہیں بیٹھی تھیں اپنے منہ میں بٹھائی۔ ان کی بہو بیٹیوں کے عیوب پر پردے ڈال کر وہ دوسروں کی بہو بیٹیوں میں کیڑے ڈالتی۔ غلیظ سے غلیظ گالیاں اپنے ان موکلوں کی خاطر خود بھی کھاتی۔ پر اب کہ اس کی بیٹی کے بیاہ کا سوال آیا تھا وہ کمینی نیچ اور رذیل بن گئی تھی۔ ایک دو مرتبہ تو اس کے جی میں آئی کہ محلے کی ان تمام عورتوں کو جنہوں نے اس کی بیٹی کو رشتہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ بیچ چوراہے میں جمع کرے اور ایسی گالیاں دے کہ ان کے دل کے کانوں کے پردے پھٹ جائیں مگر وہ سوچتی کہ اگر اس نے یہ غلطی کردی تو غریب بھولی کا مستقبل بالکل تیرہ و تار ہو جائے گا۔ جب چاروں طرف سے مایوسی ہوئی تو نِکی نے شہر چھوڑنے کا ارادہ کرلیا ایک طرف یہی راستہ تھا۔ جس سے بھولی کی شادی کا کٹھن مرحلہ طے ہو سکتاتھا چنانچہ اس نے ایک روز بھولی سے کہا۔

’’بیٹا، میں نے سوچا ہے کہ اب کسی اور شہر میں جا رہیں۔ ‘‘

بھولی نے چونک کر پوچھا۔

’’کیوں ماں!‘‘

’’بس اب یہاں رہنے کو جی نہیں چاہتا۔ ‘‘

نِکی نے اس کی طرف ممتا بھری نظروں سے دیکھا اور کہا۔

’’تیرے بیاہ کی فکر میں گُھلی جارہی ہوں۔ یہاں بیل منڈھے نہیں چڑھے گی۔ تیری ماں کو سب رذیل سمجھتے ہیں۔ ‘‘

بھولی کافی سیانی تھی، فوراً نِکی کا مطلب سمجھ گئی اس نے صرف اتنا کہاں

’’ہاں ماں!‘‘

نِکی کو ان دو لفظوں سے سخت صدمہ پہنچا۔ بڑے دکھی لہجے میں اس نے بھولی سے سوا کیا۔

’’کیا تو بھی مجھے رذیل سمجھتی ہے؟‘‘

بھولی نے جواب نہ دیا اور آٹا گوندھنے میں مصروف ہو گئی۔ اُس دن نِکی نے عجیب عجیب باتیں سوچیں۔ اس کے سوال کرنے پر بھولی خاموش کیوں ہو گئی تھی۔ کیا وہ اسے واقعی رذیل سمجھتی ہے کیا وہ اتنا بھی نہ کہہ سکتی تھی کہ

’’نہیں ماں‘‘

کیا یہ باپ کے خون کا اثر تھا؟ بات میں سے بات نکل آتی اور وہ بہت بری طرح ان میں الجھ جاتی۔ اسے بیتے ہوئے دس برس یاد آتے۔ بیاہی زندگی کے دس برس جس کا ایک ایک دن مار پیٹ اور گالی گلوچ سے بھرا تھا۔ پھر وہ اپنی نظروں کے سامنے مطلقہ زندگی کے دن لاتی۔ ان میں بھی گالیاں ہی گالیاں تھیں جو وہ پیسے کی خاطر دوسروں کو دیتی رہی تھی۔ تھک ہ ار کر وہ بعض اوقات کوئی سہارا ٹٹولنے لگتی اور سوچتی، کیا ہی اچھا ہوتا کہ وہ طلاق نہ لیتی۔ آج بیٹی کا بوجھ گام کے کندھوں پر ہوتا۔ نکھٹو تھا۔ پرلے درجے کا ظالم تھا۔ عیبی تھا۔ مگر بیٹی کے لیے ضرور کچھ نہ کچھ کرتا۔ یہ اس کے عجز کی انتہا تھی۔ پرانی ماریں، اور ان کے دبے ہوئے درد اب آہستہ آہستہ نِکی کے جوڑوں میں ابھرنے لگے۔ پہلے اس نے کبھی اُف تک نہیں کی تھی۔ بر اپ اٹھتے بیٹھتے ہائے ہائے کرنے لگی۔ اس کے کانوں میں ہر وقت ایک شور سا برپا ہونے لگا۔ جیسے ان کے پردوں پر وہ تمام گالیاں اور سٹھنیاں ٹکرا رہی ہیں جو ان گنت لڑائیوں میں اس نے استعمال کی تھیں۔ عمر اس کی زیادہ نہیں تھی۔ چالیس کے لگ بھگ تھی۔ مگر اب نِکی کو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ بوڑھی ہو گئی ہے اس کی کمر جواب دے چکی ہے اس کی زبان جو قینچی کی طرح چلتی تھی۔ اب کُند ہو گئی ہے۔ بھولی سے گھر کے کام کاج کے متعلق معمولی سی بات کرتے ہوئے اس کو مشقت کرنی پڑتی تھی۔ نِکی بیمار پڑ گئی اور چارپائی کے ساتھ لگ گئی۔ شروع شروع میں تووہ اس بیماری کا مقابلہ کرتی رہی۔ بھولی کو بھی اس نے خبر نہ ہونے دی کہ اندر ہی اندر کونسی دیمک اسے چاٹ رہی ہے۔ لیکن ایک دم وہ ایسی نڈھال ہوئی کہ اس سے اٹھا تک نہ گیا۔ بھولی کو بہت تشویش ہوئی۔ اس نے حکیم کو بلایا۔ جس نے نبض دیکھ کر بتایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں، پرانا بخار ہے۔ علاج سے دور ہو جائیگا۔ علاج باقاعدہ ہوتا رہا۔ بھولی سعادت مند بیٹیوں کی طرح ماں کی ہر ممکن خدمت بجا لا رہی تھی۔ اس سے نِکی کے دکھی دل کو کافی تسکین ہوتی تھی۔ مگر مرض دور نہ ہوا۔ بخار پہلے سے تیز ہو گیا۔ اور آہستہ آہستہ نِکی کی بھوک غائب ہو گئی۔ جس کے باعث وہ بہت ہی لاغر اور نحیف ہو گئی۔ عورتوں میں ایک خداداد وصف ہوتا ہے کہ مریض کی شکل دیکھ کرہی پہچان لیتی ہیں کہ وہ کتنے دن کا مہمان ہے ایک دو عورتیں جب بیمار پرسی کے لیے نِکی کے پاس آئیں تو انھوں نے اندازہ لگایا کہ وہ بمشکل دس روز نکالے گی چنانچہ یہ بات سارے محلے کو معلوم ہو گئی۔ کوئی بیمارہو۔ مرنے کے قریب ہو۔ تو عورتوں کے لیے ایک اچھی خاصی تفریح کا بہانہ نکل آتا ہے۔ گھر سے بن سنور کر نکلتی ہیں اور مریض کے سرہانے بیٹھ کر اپنے تمام مرحوم عزیزوں کو یاد کرتی ہیں ان کی بیماریوں کا ذکر ہوتا ہے وہ تمام علاج بیان کیے جاتے ہیں جو لاعلاج ثابت ہوئے تھے۔ گفتگو کا رخ پلٹ کر قمیضوں کے نئے ڈیزائنوں کی طرف آجاتا ہے۔ نِکی ایسی باتوں سے بہت گھبراتی تھی۔ لیکن وہ خود چونکہ مریضوں کے سرہانے ایسی ہی باتیں کرتی رہی تھی اس لیے مجبوراً اسے یہ خرافات سننی پڑتی تھی۔ ایک روز جب محلے کی بہت سی عورتیں اس کے گھر میں جمع ہو گئیں تو اس احساس نے اس کو بہت مضطرب کیا کہ اب اس کا وقت آچکا ہے ان میں سے ہر ایک چہرے پر یہ فیصلہ مرقوم تھا کہ نِکی کے دروازے پر موت دستک دے رہی ہے۔ جو عورت آتی۔ اپنے ساتھ یہ کھٹ کھٹ لاتی تنگ آکر کئی دفعہ نِکی کے جی میں آئی کہ کنڈی کھول دے اور دستک دینے والے فرشتے کو اندر بلالے۔ ان بیمار پرس عورتوں کو سب سے بڑا افسوس بھولی کا تھا۔ نِکی سے وہ بار بار اس کا ذکر کرتیں کہ ہائے اس بیچاری کا کیا ہو گا۔ دنیا میں غریب کی صرف ایک ماں ہے۔ وہ بھی چلی گئی تو اس کا کیا ہو گا۔ پھر وہ اللہ میاں سے دعا کرتیں کہ وہ نِکی کی زندگی میں چند دنوں کا اضافہ کردے تا کہ وہ بھولی کی طرف سے مطمئن ہوکر مرے۔ نِکی کو اچھی طرح معلوم تھا کہ یہ دعا بالکل جھوٹی ہے۔ انھیں بھولی کا اتنا خیال ہوتا تو وہ اس کے رشتے سے انکار کیوں کرتیں۔ صاف انکار نہیں کیا تھا۔ اس لیے کہ یہ دُنیا داری کے اصول کے خلاف تھا۔ مگر کسی نے حامی نہیں بھری تھی۔ وہ چھوٹا سا کمرہ جس میں نِکی چارپائی پر پڑی تھی، بیمار پرس عورتوں سے بھرا ہوا تھا۔ بھولی نے ان کے بیٹھنے کا انتظام ایسا معلوم ہوتا ہے پہلے ہی سے کر رکھا تھا۔ پیڑھیاں کم تھیں، اس لیے اس نے کھجور کے پتوں کی چٹائی بچھا دی تھی۔ بھولی کے اس اہتمام و انتظام سے نِکی کو بڑا صدمہ پہنچا تھا گویا وہ بھی دوسری عورتوں کی طرح اس کی موت کے استقبال کے لیے تیار تھی۔ بخار تیز تھا، دماغ تپا ہوا تھا۔ نِکی نے اوپر تلے بہت سی تکلیف دہ باتیں سوچیں تو بخار اور زیادہ تیز ہو گیا اور اس پر ہذیانی کیفیت طاری ہو گئی۔ جلدی جلدی بے جوڑ باتیں کرنے لگی۔ بیمار پرس عورتوں نے معنی خیز نظروں سے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ وہ جو اٹھ کر جانے والی تھیں نِکی کا وقت قریب دیکھ کر بیٹھ گئیں۔ نِکی بکے جارہی تھی۔ ایسا معلوم تھا کہ وہ کسی سے لڑ رہی ہے۔

’’میں تیری ہشت پشت کو اچھی طرح جانتی ہوں۔ جو کچھ تو نے میرے ساتھ کیا ہے۔ وہ کوئی دشمن کے ساتھ بھی نہیں کرتا۔ میں نے اپنے خاوند کی دس برس غلامی کی۔ اس نے مار مار کر میری کھال اور ادھیڑ دی۔ پر میں نے اُف تک نہ کی۔ اب تو نے۔ اب تو نے مجھ پر یہ ظلم شروع کیے ہیں۔ ‘‘

پھر وہ کمرے میں جمع شدہ عورتوں کو پھٹی پھٹی نظروں سے دیکھتی۔

’’تم۔ تم یہاں کیا کرنے آئی ہو۔ نہیں نہیں۔ میں کسی فیس پر بھی لڑنے کے لیے تیار نہیں۔ تم میں سے ہر ایک کے عیب وہی ہیں۔ پرانے۔ صدیوں کے پرانے جو کیڑے۔ جو کیڑے پھاماں میں ہیں وہی تم سب میں ہیں۔ تم میں سے قریب قریب ہر ایک کا خصم رنڈی باز ہے۔ جو بری بیماری پھاتو کے خاوند کو لگی ہے۔ وہی جنتے کے گھر والے کو چمٹی ہوئی ہے۔ تم سب کوڑھی ہو۔ اور یہ کوڑھ تم نے مجھے بھی دے دیا ہے۔ لعنت ہو تم سب پر خدا کی۔ خدا کی۔ خدا۔ ‘‘

اور وہ ہنسنے لگتی۔

’’میں اس خدا کو بھی جانتی ہوں۔ اس کی ہشت پشت کو اچھی طرح جانتی ہوں۔ یہ کیا دنیا بنائی ہے تو نے۔ یہ دنیا جس میں گام ہیں۔ جس میں پھاماں ہے جو اپنے خاوند کو چھوڑ کر دوسروں کے بستر گرم کرتی ہے۔ اور مجھے فیس دیتی ہے۔ بیس روپے گن کر میرے ہاتھ پر رکھتی ہے کہ میں نورفشاں کے پرانے یارانوں کا پول کھولوں۔ اور فشاں میرے پاس آتی ہے کہ نکی یہ پانچ زیادہ لو اور جاؤ امینہ سے لڑو۔ وہ مجھے ستاتی ہے۔ یہ کیا چکر چلایا ہوا ہے تو نے اپنی دنیا میں۔ میرے سامنے آ۔ ذرا میرے سامنے آ۔ ‘‘

آواز نِکی کے حلق میں رکنے لگی۔ تھوڑی دیر کے بعد گھنگرو بجنے لگا۔ تشنج سے وہ پیچ وہ تاب کھا رہی تھی اور ہذیانی کیفیت میں چلا رہی تھی۔

’’گام مجھے نہ مار۔ اوگام۔ اور خدا مجھے نہ مار۔ او خدا۔ اوگام‘‘

او خدا او گام بڑبڑاتی آخر نِکی بیمار پرس عورتوں کے اندازے کے عین مطابق مر گئی۔ بھولی جو ان عورتوں کی خاطر داری میں مصروف تھی۔ پانی کا گلاس ہاتھ سے گرا کر دھڑا دھڑ اپنا سر پیٹنے لگی۔ 14-15 اکتوبر1951ء

سعادت حسن منٹو

نواب سلیم اللہ خان

نواب سلیم اللہ خاں بڑے ٹھاٹ کے آدمی تھے۔ اپنے شہر میں ان کا شمار بہت بڑے رئیسوں میں ہوتا تھا۔ مگر وہ اوباش نہیں تھے، نہ عیش پرست، بڑی خاموش اور سنجیدہ زندگی بسر کرتے تھے۔ گنتی کے چند آدمیوں سے ملنا اور بس وہ بھی جو اُن کی پسند کے ہیں۔ دعوتیں عام ہوتی تھیں۔ شراب کے دور بھی چلتے تھے مگر حدِ اعتدال تک۔ وہ زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال کے قائل تھے۔ اُن کی عمر پچپن برس کے لگ بھگ تھی۔ جب وہ چالیس بھر کے تھے تواُن کی بیوی دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئی ان کو بہت صدمہ ہوا۔ مگر مشیتِ ایزدی کو یہی منظور تھا۔ چنانچہ اس صدمے کوبرداشت کرلیا۔ اُن کے اولاد نہیں ہوئی تھی۔ اس لیے وہ بالکل اکیلے تھے۔ بہت بڑی کوٹھی جس میں وہ رہتے تھے چار نوکر تھے جو اُن کی آسائش کا خیال رکھتے اور مہمانوں کی تواضع کرتے۔ اپنی بیوی کی وفات کے پندرہ برس بعد اچانک اُن کا دل اپنے وطن سے اُچاٹ ہو گیا انھوں نے اپنے چہیتے ملازم معظم علی کو بُلایا اور اُس سے کہا

’’دیکھو کوئی ایسا ایجنٹ تلاش کرو جو ساری جائیداد مناسب داموں پربکوادے۔ ‘‘

معظم علی بہت حیران ہوا۔

’’نواب صاحب! آپ یہ کیا فرما رہے ہیں۔ حضور کو کس بات کی کمی ہے جو اپنی ساری جائیداد بیچنا چاہتے ہیں۔ آپ کے سر پر کوئی قرض بھی نہیں۔ ‘‘

نواب صاحب نے بڑی سنجیدگی سے کہا

’’معظم علی اس ماحول سے ہمارا جی اُکتا گیا ہے۔ ۔ ایک ایک گھڑی، ایک ایک برس معلوم ہوتی ہے۔ میں یہاں سے کہیں اور جانا چاہتا ہوں۔ ‘‘

’’کہاں جائیے گا حضور؟‘‘

میرا خیال ہے بمبئی جاؤں گا۔ جب میں ولایت سے واپس آیا تھا تو مجھے یہ شہر پسند آیا تھا۔ اس لیے ارادہ ہے کہ میں وہیں جاکے رہوں۔ تم میری جائیداد فروخت کرنے کا بندوبست کرو۔ ‘‘

جائداد فروخت کرنے میں ایک مہینہ لگ گیا۔ ساڑھے دس لاکھ وصول ہوئے۔ نواب صاحب کے بنک میں دو اڑھائی لاکھ تھے۔ جو ساڑھے دس لاکھ وصول ہوئے وہ انھوں نے اپنے بنک میں جمع کروادیے۔ اور نوکروں کو انعام و اکرام دے کر رخصت کیا اور خود اپنا ضروری سامان لے کربمبئی روانہ ہو گئے۔ وہاں پہنچ کر وہ تاج محل ہوٹل میں رہے۔ لیکن وہ کشادہ جگہ کے عادی تھے۔ اس لیے انھوں نے تھوڑے ہی عرصے کے بعد باندرہ میں ایک مکان خرید لیا اور اس کو مناسب و موزوں طریقے سے سجا کر اُس میں رہنے لگے۔ ایک دو ماہ کے اندر اندر ہی ان کی وہاں کافی واقفیت ہو گئی۔ ریڈیو کلب کے ممبربن گئے۔ جہاں اونچی سوسائٹی کے لوگ ہر شام کو جمع ہوتے وہ برج کھیلتے اور اپنی نئی کار میں واپس آجاتے۔ اُن کو باہر کا کھاناپسند نہیں تھا۔ گھر میں وہ اپنی منشا کے مطابق کھانا پکواتے۔ باورچی اچھا مل گیا تھا اس لیے وہ اپنے دوستوں کو ایک ہفتے میں ضرور کھانے پر مدعو کرتے تھے۔ ایک دن انھوں نے سوچا کہ یہاں بمبئی میں اچھی سے اچھی گورنس مل سکتی ہے۔ عورتیں زیادہ تن دہی اور نفاست سے کام کرتی ہیں۔ ان میں ایک خاص سلیقہ اور قرینہ ہوتا ہے وہ گھر کی دیکھ بھال مردوں سے کہیں اچھی طرح کرتی ہیں۔ چنانچہ اُنھوں نے ٹائمز آف انڈیا کے علاوہ اور کئی اخبارات میں اشتہار دیا کہ انھیں ایک اچھی گورنس کی ضرورت ہے۔ کئی درخواستیں آئیں۔ انھوں نے اُن کا انٹر ویو بھی لیا، مگرکوئی پسند نہ آئی، بڑی چھچھوری اور بھڑکیلی قسم کی تھیں، جو آنکھیں مٹکا مٹکا اورکولھے ہلا ہلا کر باتیں کرتی تھیں۔ نواب صاحب نے ان سب کوبڑی شائستگی سے کہا

’’میں اپنے فیصلے سے آپ کو بہت جلد مطلع کر دُوں گا۔ اس وقت کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا۔ ‘‘

جو آئی تھیں ایک ایک کرکے رخصت کردی گئیں۔ نواب صاحب نے اپنا

’’ہوانا‘‘

سگار سُلگایا اور صوفے پر بیٹھ کر صبح کاپڑھا ہوا اخبار دوبارہ پڑھنے لگے۔ اتنے میں نوکر نے اطلاع دی کہ ایک اور عورت اسی ملازمت کے سلسلے میں آئی ہے۔ نواب صاحب نے اخبار تپائی پر رکھا اور کہا

’’اس کو اندر بھیج دو۔ ‘‘

وہ عورت اندر آئی۔ گواکی رہنے والی تھی اس لیے اس کے خدوخال ٹھیٹ گوائی تھے۔ رنگ سانولا، مضبوط جسم، قد میانہ۔ اندر آتے ہی اُس نے نواب صاحب کو بڑی صاف اردو میں سلام عرض کیا۔ نواب صاحب اُٹھ کھڑے ہوئے۔ اُس کو کرسی پیش کی۔ انگریزی ادب کے متعلق، موسم کے متعلق چند باتیں کیں پھر اُس سے پوچھا۔

’’آپ پہلے بھی کہیں کام کرچکی ہیں؟‘‘

اُس عورت نے جس کی عمر تیس برس کے قریب ہو گی۔ بڑی شائستگی سے جواب دیا:

’’جی ہاں۔ دو تین جگہ بڑے اچھے گھرانوں میں۔ یہ اُن کی اسناد موجود ہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اُس نے اپنا پرس کھولا اور چند کاغذات نکال کر نواب صاحب کو دیے

’’آپ ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔ ‘‘

نواب صاحب نے یہ کاغذات سرسری نظر سے دیکھ کر واپس کردیے۔ اور اُس عورت سے پوچھا۔

’’آپ کا نام؟‘‘

’’جی میرا نام مسز لوجوائے ہے۔ ‘‘

’’لوجوائے آپ کے۔ ‘‘

’’جی ہاں وہ میرے شوہر تھے۔ ‘‘

نواب صاحب نے سگار کا لمبا کش لیا اور مسز لوجوائے سے کہا۔

’’کیا کام کرتے ہیں؟‘‘

مسز لوجوائے نے جواب دیا۔

’’جی وہ فوج میں سیکنڈ لیفٹیننٹ تھے، مگر تین برس ہوئے لڑائی میں مارے گئے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ پیشہ اختیار کیا۔ ‘‘

سگار کے دُھوئیں میں سے نواب صاحب نے مسز لوجوائے کا آخری جائزہ لیا اور کہا آپ کب سے کام شروع کرسکتی ہیں۔ ‘‘

’’جی میں تو ابھی سے کرسکتی ہوں۔ مگر مجھے اپنا سامان لانا ہے۔ کل صبح حاضر ہوجاؤں گی۔ ‘‘

’’بہتر۔ فی الحال آپ کو سوروپیہ ماہوار ملے گا۔ اگر آپ کا کام اچھا ہوا تواس میں اضافہ کردیاجائے گا۔ ‘‘

مسز لوجوائے نے مناسب و موزوں الفاظ میں نواب صاحب کا شکریہ ادا کیا اور سلام کرکے چلی گئی۔ نواب صاحب سوچنے لگے کہیں ان کا انتخاب غلط تو نہیں؟۔ لیکن وہ ایک مہینے کے امتحان کے بعد دوسرے مہینے کی تنخواہ دے کر اُسے بڑی آسانی سے برخاست کرسکتے ہیں۔ معلوم نہیں مسز لوجوائے صبح کس وقت آئی، لیکن نواب صاحب بیدار ہوئے تو دروازے پر ہلکی سی دستک ہوئی۔ نواب صاحب نے سوچا کہ شاید ان کا بیرا ہو گا جو بیڈ ٹی لایا ہے۔ اُنھوں نے آواز دی

’’دروازہ کھلا ہے، آجاؤ۔ ‘‘

دروازہ کھلا اور مسزلوجوائے اندر داخل ہوئی۔ صبح کا سلام کیا

’’چائے بیرا لارہاہے۔ میں نے آپ کے غسل کے لیے گرم پانی تیار کردیا ہے۔ آپ چائے پی کر فارغ ہوجائیے اور غسل کرلیں، تو میں آپ کے کپڑے نکال کر تیار رکھوں گی۔ آپ کا وارڈروب کھلا ہے نا؟‘‘

نواب صاحب نے جواب دیا

’’ہاں کھلا ہے۔ ‘‘

مسزلوجوائے نے وارڈروب کھولا۔ نواب صاحب کے سارے کپڑوں کا جائزہ لیا اور ان سے پوچھا

’’میرا خیال ہے آپ گیبر ڈین کا سوٹ پہنیں گے۔ ‘‘

نواب صاحب نے ایک لحظے کے لیے سوچا۔

’’ہاں میرا ارادہ بھی یہی سُوٹ پہننے کا تھا۔ ‘‘

بیرا چائے لے آیا۔ اُسے پی کر وہ اُٹھے اور غسل خانہ میں چلے گئے۔ جس کی سفید ٹائلیں شیشے کے مانند چمک رہی تھیں۔ پہلے وہ کبھی اتنا صاف نہیں ہوا کرتا تھا۔ نواب صاحب بہت خوش ہوئے، اس لیے کہ صفائی میں یقیناً مسزلوجوائے کا ہاتھ تھا۔ غسل سے فارغ ہوکر وہ بیڈ روم میں آئے انھوں نے دیکھا کہ ان کے تمام کپڑے بستر پر پڑے تھے، سلیقے سے، ٹائی بھی وہی تھی جو خاص طور پر گیبر ڈین کے سوٹ کے ساتھ پہنتے تھے۔ جب انھوں نے کپڑے پہن لیے تو مسزلوجوائے آئی اور نواب صاحب سے کہا

’’چلیے تشریف لے چلیے۔ ناشتہ تیار ہے۔ ‘‘

نواب صاحب ڈرائنگ روم میں چلے گئے۔ ناشتہ خود مسز لوجوائے نے لگایا۔ گردے تھے، پنیر تھا، بہت اچھے سینکے ہوئے ٹوسٹ، بالائی پوچڑ، انڈ ے اور ایک گلاس دودھ۔ مسز لوجوائے تھوڑے ہی عرصے میں نواب صاحب کے گھر پر چھا گئی۔ اُن کے دوستوں کو بھی اُس نے موہ لیا۔ اُس کو معلوم ہوتا کہ کون سی چیز اُن کے کس دوست کو مرغوب ہے۔ مرغ کا کون سا حصہ کس کو پسند ہے۔ کون سی شراب کس کس کو من بھاتی ہے۔ چنانچہ جب بھی دعوت ہوتی وہ کھانا خود میز پر لگاتی اورخود ہی فرداً فرداً سارے مہمانوں کو پیش بھی کرتی۔ اس کے کام کرنے کے انداز میں تمکنت تھی، مگر وہ بڑے ادب سے ہرایک کے ساتھ پیش آتی۔ اُس میں پھرتی تھی مگر گلہریوں ایسی نہیں۔ ہر کام اپنے مقررہ وقت کے اندر اندر ہوجاتا۔ جب نواب صاحب کاکوئی دوست مسزلوجوائے کی تعریف کرتا تو وہ بڑے فخریہ انداز میں کہتے

’’یہ انتخاب میرا ہے۔ سوعورتیں آئی تھیں۔ انٹرویو کے لیے لیکن میں نے سب میں سے اسی کو چنا۔ ‘‘

مسز لوجوائے سے گھر کے نوکر بھی خوش تھے، اس لیے کہ ان کا کام بہت ہلکا ہو گیا تھا۔ البتہ اتوارکو سارا بوجھ ان کے کندھوں پر آ پڑتا تھا کہ مسز لوجوائے اُس دن چھٹی مناتی تھی۔ چرچ جاتی۔ وہاں اپنی سہلیوں سے ملتی۔ اُن کے ساتھ پکچر دیکھنے چلی جاتی۔ اور کسی ایک سہیلی کے ہاں رات کاٹ کر صبح پھر ڈیوٹی پر حاضر ہوجاتی۔ نواب صاحب کو اُس کی اتوارکی غیر موجودگی ضرورمحسوس ہوتی، مگر وہ بااصول آدمی تھے وہ نہیں چاہتے تھے کہ کسی نوکر کو چوبیس گھنٹے کا غلام بنا کے رکھا جائے۔ مسز لوجوائے اگر ہفتے میں ایک چھٹی کرتی تھی تو یہ اُس کا جائز حق تھا۔ دن بہ دن مسزلوجوائے نواب صاحب اور اُن کے تمام دوستوں کے دل میں گھر کرتی گئی۔ سب اُس کے شیدا تھے۔ ایک دن اُن میں سے ایک نے نواب صاحب سے کہا۔

’’میری ایک درخواست ہے۔ ‘‘

’’فرمائیے۔ ‘‘

’’مسز لوجوائے اگر آپ مجھے عنایت فرمادیں تو میں ساری عمر آپ کا شکر گزار رہوں گا۔ ۔ مجھے گورنس کی اشد ضرورت ہے۔ ‘‘

نواب صاحب نے سگار کا کش لگایا اور زور سے نفی میں سر ہلایا

’’نہیں قبلہ یہ نہیں ہوسکتا۔ ایسی گورنس مجھے کہاں سے ملے گی۔ ‘‘

اُن کے دوست نے چاپلوسی کے انداز میں کہا

’’نواب صاحب آپ کی نگاہ انتخاب یقیناً اس سے بھی اچھی ڈھونڈلے گی۔ ہم ایسی نگاہ کہاں سے لائیں؟‘‘

نواب صاحب نے سگار کا دوسرا کش لگایا

’’نہیں جناب۔ مسز لوجوائے کو میں کسی قیمت میں کسی کے حوالے نہیں کرسکتا۔ ‘‘

ایک رات جب مسز لوجوائے صاحب کا شب خوابی کا لباس استری کرکے لائی تو انھوں نے اُس کی طرف غور سے دیکھا۔ وہ جلدی سونا نہیں چاہتے تھے۔ چنانچہ انھوں نے اس سے کہا

’’مسز لوجوائے میں آج دیر سے سوؤں گا۔ میرا جی چاہتا ہے کہ سیکنڈ شو میں کوئی پکچر دیکھوں۔ تمہارے خیال میں کون سی اچھی پکچر آج کل شہر میں دکھائی جارہی ہے؟‘‘

مسز لوجوائے نے تھوڑی دیر سوچنے کے بعد کہا

’’میونٹی اون دی بونٹی کی بہت تعریف سُنی ہے۔ میٹرو میں چھ ہفتوں سے برابر رش لے رہی ہے۔ ‘‘

نواب صاحب نے ازراہِ مہربانی اُس کو دعوت دی

’’تم بھی ساتھ چلو گی۔ ‘‘

’’آپ کی بڑی نوازش ہے۔ آپ لے چلیں تو چلی چلوں گی۔ ‘‘

نواب صاحب نے اُٹھ کر قدِ آدم آئینے میں اپنے آپ کا سرتا پا جائزہ لیا اور مسز جوائے سے مخاطب ہوئے:

’’توچلو۔ کھانا آج باہر ہی کھائیں گے۔ ‘‘

مسز لوجوائے نے کہا

’’اگر آپ اجازت دیں تو کپڑے تبدیل کرلوں۔ اس لباس میں آپ کے ساتھ جانا کچھ مناسب معلوم نہیں ہوتا۔ مجھے زیادہ سے زیادہ دس منٹ لگیں گے۔ ابھی حاضر ہوئی۔ ‘‘

تھوڑی دیر بعد جب وہ آئی تو بڑی سمارٹ دکھائی دے رہے تھی۔ نواب صاحب نے اُس سے کہا۔

’’چلیے۔ ‘‘

آگے آگے مسز لوجوائے تھیں۔ باہر صدردروازے پر جا کروہ رُک گئی۔ نواب صاحب سمجھ گئے کہ اب وہ خود کو ملازم نہیں سمجھتی۔ چاہتی ہے کہ اُس کے لیے دروازہ کھولا جائے۔ جیسا کہ انگریزی قاعدہ ہے کہ احتراماً وہ خواتین کے لیے آگے بڑھ کر دروازہ کھولتے ہیں۔ نواب صاحب نے دروازہ کھولا۔ مسز لوجوائے باہر نکلیں اُس کے بعد نواب صاحب۔ موٹر باہر کھڑی تھی۔ شوفر بھی موجود تھا لیکن نواب صاحب نے اُسے رخصت کردیا۔ پہلے مسز لوجوائے کو بٹھایا۔ پھر آپ بیٹھے اور کار ڈرائیو کرنا شروع کردی۔ جب موٹر میرین ڈرائیو سے گزر رہی تھی تو نواب صاحب مسز لوجوائے سے مخاطب ہوئے جو خاموش اپنی سیٹ پر بیٹھی تھی۔

’’کس ہوٹل میں کھانا کھائیں۔ ‘‘

’’میرا خیال ہے ایروز سینما کے اُوپر جو ہوٹل ہے اچھا رہے گا۔ آپ کو وہاں اپنی پسند کی چیزیں مل جائیں گی۔ ‘‘

نواب صاحب نے کہا

’’بالکل ٹھیک ہے۔ لیکن ایسا کیوں نہ کریں۔ اوپر کھانا بڑے اطمینان سے کھائیں اور ایروز میں پکچر دیکھیں۔ ‘‘

مسز لوجوائے نے تھوڑی دیر سوچا

’’جی ہاں۔ ایروز میں ایک اچھی پکچر دکھائی جارہی ہے۔ گڈارتھ۔ میری چند سہلیوں نے دیکھی ہے۔ بہت تعریف کررہی تھیں۔ کہتی تھیں پال منی نے اس میں کمال کردیا ہے۔ ‘‘

نواب صاحب اور مسز لوجوائے ایروز پہنچے۔ اُوپر کی منزل پر لفٹ کے ذریعے سے پہنچے۔ ڈانسنگ ہال میں مشہور موسیقار بیتھون کی ایک سمفنی بجائی جارہی تھی۔ نواب صاحب نے مینبو دیکھا اور کھانے کے لیے آرڈر دیا۔ جو کچھ دیر بعد سرد کردیاگیا۔ لیکن اس سے پہلے وہ دو پیگ وسکی کے ختم کرچکے تھے اور مسز لوجوائے نے شیری کا ایک گلاس پیا تھا۔ وہ دونوں ہلکے ہلکے سُرور میں تھے۔ جب ڈنر سے فارغ ہوئے تو ڈانس شروع ہو گیا۔ نواب صاحب کو انگلستان کا وہ زمانہ یاد آگیا جب اُن کا دل جوان تھا اور انھوں نے انگریزی رقص کی باقاعدہ تعلیم لی تھی۔ اُس یاد نے انھیں اُکسایا کہ وہ بھی تھوڑی دیر کے لیے ذرا ناچ لیں۔ چنانچہ انھوں نے مسز لوجوائے سے کہا

’’کیا آپ میری پارٹنر بن سکتی ہیں۔ ‘‘

مسز لو جوائے نے جواب دیا

’’مجھے کوئی عذر نہیں۔ ‘‘

دونوں دیر تک ناچتے رہے۔ نواب صاحب مسز لوجوائے کے قدموں کی روانی سے بہت متاثر ہوئے۔ یہ سلسلہ جب ختم ہوا تو پکچر دیکھنے چلے گئے۔ جب شو ختم ہوا تو گھر کا رخ کیا۔ رات کا وقت تھا میرین ڈرائیو کی وسیع و عریض سڑک پر جس کے ایک طرف سمندر ہے۔ اور ساحل کے ساتھ ساتھ بجلی کے قمقمے دوڑتے چلے گئے ہیں خنک ہوا کے جھونکے ان دونوں کے سُرور میں اضافہ کررہے تھے جب گھر پہنچے تو نواب صاحب نے مسز لوجوائے کے لیے دروازہ کھولا۔ اور غیر ارادی طور پر اُس کی کمر میں اپنا بازو حمائل کر کے اندر داخل ہوئے۔ مسز لوجوائے نے کوئی اعتراض نہ کیا۔ دوسرے روز خلافِ معمول نواب صاحب چھ بجے جاگے۔ ایک دم اُٹھ کر انھوں نے اپنے ساگوانی پلنگ کو اس طرح دیکھنا شروع کیا جیسے اُن کی کوئی چیز گم ہو گئی ہے اور وہ اسے تلاش کررہے ہیں۔ موسم سرد تھا۔ لیکن اُن کی پیشانی عرق آلود ہو گئی۔ اُن کے تکیے کے ساتھ ایک تکیہ تھا جس پر مسز لوجوائے کے سر کا دباؤ موجود تھا۔ نواب صاحب دل ہی دل میں پشیمان ہوئے کہ انھوں نے جن کی لوگ اتنی عزت کرتے ہیں جن کا مقام سوسائٹی میں بہت اُونچا ہے یہ کیا ذلیل حرکت کی۔ اس قسم کے خیال اُن کے دماغ میں اُوپر تلے آرہے تھے اور ندامت کی گہرائیوں میں ڈوبتے چلے جارہے تھے کہ مسز لوجوائے اندر آئی اور اس نے حسبِ معمول بڑے مؤدبانہ انداز میں کہا۔

’’جناب میں نے آپ کے غسل کے لیے گرم پانی تیار کردیا ہے۔ بیرا آپ کی بیڈ ٹی لے کر آرہا ہے۔ آپ پی کر فارغ ہوجائیں تو غسل کے لیے تشریف لے جائیں میں اتنی دیر میں آپ کے کپڑے نکالتی ہوں۔ ‘‘

نواب صاحب نے اطمینان کا سانس لیا اور بیڈ ٹی پئے بغیر غسل خانے میں چلے گئے جہاں اُن کے لیے گرم پانی تیار تھا۔

سعادت حسن منٹو

ننگی آوازیں

بھولو اور گاما دو بھائی تھے۔ بے حد محنتی۔ بھولو قلعی گرتھا۔ صبح دھونکنی سر پر رکھ کر نکلتا اور دن بھر شہر کی گلیوں میں

’’بھانڈے قلعی کرالو‘‘

کی صدائیں لگاتا رہتا۔ شام کوگھر لوٹتا تو اس کے تہہ بند کے ڈب میں تین چار روپے کا کریانہ ضرور ہوتا۔ گاما خوانچہ فروش تھا۔ اس کو بھی دن بھر چھابڑی سر پر اٹھائے گھومنا پڑتا تھا۔ تین چار روپے یہ بھی کما لیتا تھا۔ مگر اس کو شراب کی لت تھی۔ شام کو دینے کے بھٹیار خانے سے کھانا کھانے سے پہلے ایک پاؤ شراب اسے ضرور چاہیے تھی۔ پینے کے بعد وہ خوب چہکتا۔ دینے کے بھٹیار خانے میں رونق لگ جاتی۔ سب کو معلوم تھا کہ وہ پیتا ہے اور اسی کے سہارے جیتا ہے۔ بھولو نے گاما سے جو کہ اس سے دو سال بڑا تھا بہت سمجھایا کہ دیکھو یہ شراب کی لت بہت بری ہے۔ شادی شدہ ہو، بیکار پیسہ برباد کرتے ہو۔ یہی جو تم ہر روز ایک پاؤ شراب پر خرچ کرتے ہو بچا کر رکھو تو بھابھی ٹھاٹ سے رہا کرے۔ ننگی بُچی اچھی لگتی ہے تمہیں اپنی گھر والی۔ گاما نے اس کان سنا۔ اس کان سے نکال دیا۔ بھولو جب تھک ہار گیا تو اس نے کہنا سننا ہی چھوڑ دیا۔ دونوں مہاجر تھے۔ ایک بڑی بلڈنگ کے ساتھ سرونٹ کوارٹر تھے۔ ان پر جہاں اوروں نے قبضہ جما رکھا تھا، وہاں ان دونوں بھائیوں نے بھی ایک کوارٹر کو جو کہ دوسری منزل پر تھا اپنی رہائش کے لیے محفوظ کرلیا تھا۔ سردیاں آرام سے گزر گئیں۔ گرمیاں آئیں تو گاما کو بہت تکلیف ہوئی۔ بھولو تو اوپر کوٹھے پر کھاٹ بچھا کر سو جاتا تھا۔ گاما کیا کرتا۔ بیوی تھی۔ اور اوپر پردے کا کوئی بندوبست ہی نہیں تھا۔ ایک گاما ہی کو یہ تکلیف نہیں تھی۔ کوارٹروں میں جو بھی شادی شدہ تھا اسی مصیبت میں گرفتار تھا۔ کلّن کو ایک بات سوجھی۔ اس نے کوٹھے پر کونے میں اپنی اور اپنی بیوی کی چارپائی کے اردگرد ٹاٹ تان دیا۔ اس طرح پردے کا انتظام ہو گیا۔ کلّن کی دیکھا دیکھی دوسروں نے بھی اس ترکیب سے کام لیا۔ بھولو نے بھائی کی مدد کی اور چند دنوں ہی میں بانس وغیرہ گاڑ کر ٹاٹ اور کمبل جوڑ کر پردے کا انتظام کردیا۔ یوں ہوا تو رک جاتی تھی مگر نیچے کوارٹر کے دوزخ سے ہر حالت میں یہ جگہ بہتر تھی۔ اوپر کوٹھے پر سونے سے بھولو کی طبیعت میں ایک عجیب انقلاب ہو گیا۔ وہ شادی بیاہ کا بالکل قائل نہیں تھا۔ اس نے دل میں عہد کر رکھا تھا کہ یہ جنجال کبھی نہیں پائے گا۔ جب گاما کبھی اس کے بیاہ کی بات چھیڑتا تو وہ کہا کرتا نہ بھائی۔ میں اپنے نردئے پنڈے پر جونکیں نہیں لگوانا چاہتا۔

’’لیکن جب گرمیاں آئیں اور اس نے اوپر کھاٹ بچھا کر سونا شروع کیا تو دس پندرہ دن ہی میں اس کے خیالات بدل گئے۔ ایک شام کو دینے کے بھٹیار خانے میں اس نے اپنے بھائی سے کہا۔

’’میری شادی کردو، نہیں تو میں پاگل ہو جاؤں گا۔ ‘‘

گاما نے جب یہ سنا تو اس نے کہا۔

’’یہ کیا مذاق سو جھا ہے تمہیں۔ ‘‘

بھولو بہت سنجیدہ ہو گیا۔

’’تمہیں نہیں معلوم۔ پندرہ راتیں ہو گئی ہیں مجھے جاگتے ہوئے۔ ‘‘

گاما نے پوچھا۔

’’کیوں کیاہوا؟‘‘

’’کچھ نہیں یار۔ دائیں بائیں جدھر نظر ڈالو کچھ نہ کچھ ہورہا ہوتا ہے۔ عجیب عجیب آوازیں آتی ہیں۔ نیند کیا آئے گی خاک!‘‘

گاما زور سے اپنی گھنی مونچھوں میں ہنسا۔ بھولو شرما گیا۔

’’وہ جو کلن ہے، اس نے تو حد ہی کردی ہے۔ سالا رات بھر بکواس کرتا رہتا ہے۔ اس کی بیوی سالی کی زبان بھی تالو سے نہیں لگتی۔ بچے پڑے رو رہے ہیں مگر وہ۔ ‘‘

گاما حسبِ معمول نشے میں تھا۔ بھولو گیا تو اس نے دینے کے بھٹیار خانے میں اپنے سب واقف کاروں کو خوب چہک چہک کر بتایا کہ اس کے بھائی کو آج کل نیند نہیں آتی۔ اس کا باعث جب اس نے اپنے مخصوص انداز میں بیان کیا تو سننے والوں کے پیٹ میں ہنس ہنس کر بل پڑ گئے۔ جب یہ لوگ بھولو سے ملے تو اس کا خوب مذاق اڑایا۔ کوئی اس سے پوچھتا۔

’’ہاں بھئی، کلن اپنی بیوی سے کیا باتیں کرتا ہے۔ ‘‘

کوئی کہتا۔

’’میاں مفت میں مزے لیتے ہو۔ ساری رات فلمیں دیکھتے رہتے ہو۔ سو فیصدی گالی بولتی۔ ‘‘

بعض نے گندے گندے مذاق کیے۔ بھولو چڑ گیا۔ گاما صوفی حالت میں تھا تو اس نے اس سے کہا۔

’’تم نے تو یار میرا مذاق بنا دیا ہے۔ دیکھو جو کچھ میں نے تم سے کہا یہ جھوٹ نہیں۔ میں انسان ہوں۔ خدا کی قسم مجھے نیند نہیں آتی۔ آج بیس دن ہو گئے ہیں جاگتے ہوئے۔ تم میری شادی کا بندوبست کردو، ورنہ قسم پنچ تن پاک کی میرا خانہ خراب ہو جائے گا۔ بھابھی کے پاس میرا پانسو روپیہ جمع ہے۔ جلدی کردو بندوبست!‘‘

گاما نے مونچھ مروڑ کر پہلے کچھ سوچا پھر کہا۔

’’اچھا ہو جائے گا بندوبست۔ تمہاری بھابھی سے آج ہی بات کرتا ہوں کہ وہ اپنی ملنے والیوں سے پوچھ گچھ کرے۔ ‘‘

ڈیڑھ مہینے کے اندر اندر بات پکی ہو گئی۔ صمد قلعی گرکی لڑکی عائشہ گاما کی بیوی کو بہت پسند آئی۔ خوبصورت تھی۔ گھر کا کام کاج جانتی تھی۔ ویسے صمد بھی شریف تھا۔ محلے والے اس کی عزت کرتے تھے۔ بھولو محنتی تھی۔ تندرست تھا۔ جون کے وسطے میں شادی کی تاریخ مقرر ہو گئی۔ صمد نے بہت کہا کہ وہ لڑکی اتنی گرمیوں میں نہیں بیاہے گا مگر بھولو نے جب زور دیا تو وہ مان گیا۔ شادی سے چار دن پہلے بھولو نے اپنی دہن کے لیے اوپر کوٹھے پر ٹاٹ کے پردے کا بندوبست کیا۔ بانس بڑی مضبوطی سے فرش میں گاڑے۔ ٹاٹ خوب کر کس کر لگایا۔ چارپائیوں پر نئے کھیس بچھائے۔ نئی صراحی منڈیر پر رکھی۔ شیشے کا گلاس بازار سے خریدا۔ سب کام اس نے بڑے اہتمام سے کیے۔ رات کو جب وہ ٹاٹ کے پردے میں گھر کر سویا تو اس کو عجیب سا لگا وہ کھلی ہوا میں سونے کا عادی تھا مگر اب اس کو عادت ڈالنی تھی۔ یہی وجہ یہ کہ شادی سے چار دن پہلے ہی اس نے یوں سونا شروع کردیا۔ پہلی رات جب وہ لیٹا اور اس نے اپنی بیوی کے بارے میں سوچا تو وہ پسینے میں تربتر ہو گیا۔ اس کے کانوں میں وہ آوازیں گونجنے لگیں جو اسے سونے نہیں دیتی تھیں اور اس کے دماغ میں طرح طرح کے پریشان خیالات دوڑاتی تھیں۔ کیا وہ بھی ایسی ہی آوازیں پیدا کرے گا؟۔ کیا آپ پاس کے لوگ یہ آوازیں سنیں گے۔ کیا وہ بھی اسی کے مانند راتیں جاگ جاگ کر کاٹیں گے۔ کسی نے اگر جھانک کر دیکھ لیا تو کیا ہو گا؟ بھولو پہلے سے بھی زیادہ پریشان ہو گیا۔ ہر وقت اس کو یہی بات ستاتی رہتی کہ ٹاٹ کا پردہ بھی کوئی پردہ ہے، پھر چاروں طرف لوگ بکھرے پڑے ہیں۔ رات کی خاموشی میں ہلکی سی سرگوشی بھی دوسرے کانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ لوگ کیسے یہ ننگی زندگی بسر کرتے ہیں۔ ایک کوٹھا ہے۔ اس چارپائی پر بیوی لیٹی ہے۔ اس چارپائی پر خاوند پڑا ہے۔ سینکڑوں آنکھیں، سینکڑوں کان آس پاس کھلے ہیں۔ نظر نہ آنے پر بھی آدمی سب کچھ دیکھ لیتا ہے۔ ہلکی سی آہٹ پوری تصویر بن کر سامنے آجاتی ہے۔ یہ ٹاٹ کا پردہ کیا ہے۔ سورج نکلتا ہے تو اس کی روشنی ساری چیزیں بے نقاب کردیتی ہے۔ وہ سامنے کلّن اپنی بیوی کی چھاتیاں دبا رہا ہے۔ وہ کونے میں اس کا بھائی گاما لیٹا ہے۔ تہہ بند کھل کر ایک طرف پڑا ہے۔ ادھر عبدو حلوائی کی کنواری بیٹی شاماں کا پیٹ چھدرے ٹاٹ سے جھانک جھانک کردیکھ رہا ہے۔ شادی کا دن آیا تو بھولو کا جی چاہا کہ وہ کہیں بھاگ جائے مگر کہاں جاتا۔ اب تو وہ جکڑا جا چکا تھا۔ غائب ہو جاتا تو صمد ضرور خود کشی کرلیتا۔ اس کی لڑکی پر جانے کیا گزرتی۔ جو طوفان مچتا وہ الگ۔

’’اچھا جو ہوتا ہے ہونے دو۔ میرے ساتھی اور بھی تو ہیں۔ آہستہ آہستہ عادت ہو جائے گی۔ مجھے بھی‘‘

۔ بھولو نے خود کو ڈھارس دی اور اپنی نئی نویلی دلہن کی ڈولی گھر لے آیا۔ کوارٹروں میں چہل پہل پیداہو گئی۔ لوگوں نے بھولو اور گاما کو خوب مبارکبادیں دیں۔ بھولو کے جو خاص دوست تھے، انھوں نے اس کو چھیڑا اور پہلی رات کے لیے کئی کامیاب گُر بتائے۔ بھولو خاموشی سے سنتا رہا۔ اس کی بھابھی نے اوپر کوٹھے پر ٹاٹ کے پردوں کے نیچے بستر کا بندوبست کردیا۔ گاما نے چار موتیے کے بڑے بڑے ہار تکیے کے پاس رکھ دیے۔ ایک دوست اس کے لیے جلیبیوں والا دودھ لے آیا۔ دیر تک وہ نیچے کوارٹر میں اپنی دلہن کے پاس بیٹھا رہا۔ وہ بے چاری شرم کی ماری سر نیوڑھائے، گھونگٹ کاڑھے سمٹی ہوئی تھی۔ سخت گرمی تھی۔ بھولو کا نیا کرتا اس کے جسم کے ساتھ چپکا ہوا تھا۔ پنکھا جھل رہا تھا مگر ہوا جیسے بالکل غائب ہی ہو گئی تھی۔ بھولو نے پہلے سوچا تھا کہ وہ اوپر کوٹھے پر نہیں جائے گا۔ نیچے کوارٹر ہی میں رات کاٹے گا۔ مگر جب گرمی انتہا کو پنچ گئی تو وہ اٹھا اور دولھن سے چلنے کو کہا۔ رات آدھی سے زیادہ گزر چکی تھی۔ تمام کوارٹر خاموشی میں لپٹے ہوئے تھے۔ بھولو کو اس بات کی تسکین تھی کہ سب سو رہے ہوں گے۔ کوئی اس کو نہیں دیکھے گا۔ چپ چاپ دبے قدموں سے وہ اپنے ٹاٹ کے پردے کے پیچھے اپنی دولہن سمیت داخل ہو جائیگا اور صبح منہ ادھیرے نیچے اتر جائے گا۔ جب وہ کوٹھے پر پہنچا تو بالکل خاموش تھی۔ دولہن نے شرمائے ہوئے قدم اٹھائے تو پازیب کے نقرئی گھنگھرو بجنے لگے۔ ایک دم بھولو نے محسوس کیا کہ چاروں طرف جو نیند بکھری ہوئی تھی چونک کر جاگ پڑی ہے۔ چارپائیوں پر لوگ کروٹیں بدلنے لگے، کھانسنے، کھنکارنے کی آوازیں اِدھر اُدھر ابھریں۔ دبی دبی سرگوشیاں اس تپی ہوئی فضا میں تیرنے لگیں۔ بھولو نے گھبرا کر اپنی بیوی کا ہاتھ پکڑا اور تیزی سے ٹاٹ کی اوٹ میں چلا گیا۔ دبی دبی ہنسی کی آواز اس کے کانوں کے ساتھ ٹکرائی۔ اس کی گھبراہٹ میں اضافہ ہو گیا۔ بیوی سے بات کی تو پاس ہی کُھسر پُھسر شروع ہو گئی۔ دور کونے میں جہاں کلن کی جگہ تھی۔ وہاں چارپائی کی چرچوں چرچوں ہونے لگی۔

’’یہ دھیمی پڑی تو گاما کی لوہے کی چارپائی بولنے لگی۔ عیدد حلوائی کی کنواری لڑکی شاداں نے دو تین بار اٹھ کرپانی پیا۔ گھڑے کے ساتھ اس کا گلاس ٹکراتا تو ایک چھنا کا سا پیدا ہوتا۔ خیرے قصائی کے لڑکے کی چارپائی سے بار بار ماچس جلانے کی آواز آتی تھی۔ بھولو اپنی دلہن سے کوئی بات نہ کرسکا۔ اسے ڈر تھا کہ آس پاس کے کھلے ہوئے کان فوراً اس کی بات نگل جائیں گے۔ اور ساری چارپائیں چرچوں چرچوں کرنے لگیں گی۔ دم سادھے وہ خاموش لیٹا رہا۔ کبھی کبھی سہمی ہوئی نگاہ سے اپنی بیوی کی طرف دیکھ لیتا جو گٹھڑی سی بنی دوسری چارپائی پر لیٹی تھی۔ کچھ دیر جاگتی رہی، پھر سو گئی۔ بھولو نے چاہا کہ وہ بھی سو جائے مگر اس کو نیند نہ آئی۔ تھوڑے تھوڑے وقفوں کے بعد اس کے کانوں میں آوازیں آتی تھیں۔ آوازیں جو فوراً تصویر بن کر اس کی آنکھوں کے سامنے سے گزر جاتی تھیں۔ اس کے دل میں بڑے ولولے تھے۔ بڑا جوش تھا۔ جب اس نے شادی کا ارادہ کیا تھا تو وہ تمام لذتیں جن سے وہ نا آشنا تھا اس کے دل و دماغ میں چکر لگاتی رہتی تھیں۔ اس کو گرمی محسوس ہوتی تھی۔ بڑی راحت بخش گرمی، مگر اب جیسے پہلی رات سے کوئی دلچسپی ہی نہیں تھی۔ اس نے رات میں کئی بار یہ دلچسپی پیدا کرنے کی کوشش کی مگر آوازیں۔ وہ تصویریں کھینچنے والی آوازیں سب کچھ درہم برہم کردیتیں۔ وہ خود کو ننگا محسوس کرتا۔ الف ننگا جس کو چاروں طرف سے لوگ آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہے ہیں اور ہنس رہے ہیں۔ صبح چار بجے کے قریب وہ اٹھا، باہر نکل کر اس نے ٹھنڈے پانی کا ایک گلاس پیا۔ کچھ سوچا۔ وہ جھجک جو اس کے دل میں بیٹھ گئی تھی اس کو کسی قدر دور کیا۔ اب ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو کافی تیز تھی۔ بھولو کی نگاہیں کونے کی طرف مڑیں۔ کلّن کا گھسا ہوا ٹاٹ ہل رہا تھا۔ وہ اپنی بیوی کے ساتھ بالکل ننگ دھڑنگ لیٹا تھا۔ بھولو کو بڑی گھن آئی۔ ساتھ ہی غصہ بھی آیا کہ ہوا ایسے کوٹھوں پر کیوں چلتی ہے چلتی ہے تو ٹاٹوں کو کیوں چھیڑتی ہے۔ اس کے جی میں آئی کہ کوٹھے پر جتنے ٹاٹ ہیں، سب نوچ ڈالے اور ننگا ہو کے ناچنے لگے۔ بھولو نیچے اتر گیا۔ جب کام پر نکلا تو کئی دوست ملے۔ سب نے اس سے پہلی رات کی سرگزشت پوچھی۔ پھوجے درزی نے اس کو دور ہی سے آواز دی،

’’کیوں استاد بھولو، کیسے رہے، کہیں ہمارے نام پر بٹہ تو نہیں لگا دیا تم نے۔ ‘‘

چھاگے ٹین ساز نے اس سے بڑے راز دارانہ لہجے میں کہا۔

’’دیکھو اگر کوئی گڑ بڑ ہے تو بتا دو۔ ایک بڑا اچھا نسخہ میرے پاس موجود ہے۔ ‘‘

بالے نے اس کے کاندھے پر زور سے دھپا مارا۔

’’کیوں پہلوان، کیسا رہا دنگل؟‘‘

بھولو تو خاموش رہا۔ صبح اس کی بیوی میکے چلی گئی۔ پانچ چھ روز کے بعد واپس آئی تو بھولو کو پھر اسی مصیبت کا سامنا کرنا پڑا۔ کوٹھے پر سونے والے جیسے اس کی بیوی کی آمد کے منتظر تھے۔ چند راتیں خاموش رہی تھی لیکن جب وہ اوپر سوئے تو وہی کھسر پھسر وہی چرچوں چرچوں، وہی کھانسنا کھنکارنا۔ وہی گھڑے کے ساتھ گلاس کے ٹکرانے کے چھناکے۔ کروٹوں پر کروٹیں، دبی دبی ہنسی۔ بھولو ساری رات اپنی چارپائی پر لیٹا آسمان کی طرف دیکھتا رہا۔ کبھی کبھی ایک ٹھنڈی آہ بھر کر اپنی دولہن کو دیکھ لیتا اور دل میں کڑھتا، مجھے کیا ہو گیا ہے۔ یہ مجھے کیا ہو گیا ہے۔ یہ مجھے کیا ہو گیاہے۔ ‘‘

سات راتوں تک یہی ہوتا رہا، آخر تنگ آکر بھولو نے اپنی دولہن کو میکے بھیج دیا۔ بیس پچیس دن گزر گئے تو گاما نے بھولو سے کہا۔

’’یار تم بڑے عجیب و غریب آدمی ہو نئی نئی شادی اور بیوی کو میکے بھیج دیا۔ اتنے دن ہو گئے ہیں اسے گئے ہوئے۔ تم اکیلے سوتے کیسے ہو۔ ‘‘

بھولو نے صرف اتنا کہا۔

’’ٹھیک ہے؟‘‘

گاما نے پوچھا۔

’’ٹھیک کیا ہے۔ جو بات ہے بتاؤ۔ کیا تمہیں پسند نہیں آئی عائشہ؟‘‘

’’یہ بات نہیں ہے۔ ‘‘

’’یہ بات نہیں ہے تو اور کیا ہے؟‘‘

بھولو بات گول کرگیا تھوڑے ہی دنوں کے بعد اس کے بھائی نے پھر بات چھیڑی۔ بھولو اٹھ کر کوارٹر کے باہر چلا گیا۔ چارپائی پڑی تھی اس پر بیٹھ گیا۔ اندر سے اس کو اپنی بھابھی کی آواز سنائی دی۔ وہ گاما سے کہہ رہی تھی۔

’’تم جو کہتے ہو نا کہ بھولو کو عائشہ پسند نہیں، یہ غلط ہے۔ ‘‘

گاما کی آواز آئی

’’تو اور کیا بات ہے۔ بھولو کو اس سے کوئی دلچسپی ہی نہیں۔ ‘‘

’’دلچسپی کیا ہو۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

گاما کی بیوی کا جواب بھولہ نہ سن سکا مگر اس کے باوجود اس کو ایسا محسوس ہواکہ اس کی ساری ہستی کسی نے ہاون میں ڈال کر کوٹ دی ہے۔ ایک دم گاما اونچی آواز میں بولا۔

’’نہیں نہیں۔ یہ تم سے کس نے کہا۔ ‘‘

گاما کی بیوی بولی۔

’’عائشہ نے اپنی کسی سہیلی سے ذکر کیا۔ بات اڑتی اڑتی مجھ تک پہنچ گئی۔ ‘‘

بڑی صدمہ زدہ آواز میں گاما نے کہا۔

’’یہ تو بہت بُرا ہوا!‘‘

بھولو کے دل میں چھری سی پیوست ہو گئی۔ اس کا دماغی توازن بگڑ گیا۔ اٹھا اور کوٹھے پرچڑھ کر جتنے ٹاٹ گئے تھے اکھیڑنے شروع کردیے۔ کھٹ کھٹ پھٹ پھٹ سن کر لوگ جمع ہو گئے۔ انھوں نے اس کو روکنے کی کوشش کی تو وہ لڑنے لگا۔ بات بڑھ گئی۔ کلن نے بانس، اٹھا کر اس کے سر پر دے مارا۔ بھولو چکرا کر گِرا اور بے ہوش ہو گیا۔ جب ہوش آیا تو اس کا دماغ چل چکا تھا۔ اور وہ الف ننگا بازاروں میں گھومتا پھرتا ہے کہیں ٹاٹ لٹکا دیکھتا ہے تو اس کو اتار کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا ہے۔

سعادت حسن منٹو

نفسیاتی مطالعہ

مجھے چائے کے لیے کہہ کر، وہ ان کے دوست پھر اپنی باتوں میں غرق ہو گئے۔ گفتگو کا موضوع، ترقی پسند ادب اور ترقی پسند ادیب تھا۔ شروع شروع میں تو یہ لوگ اردو کے افسانوی ادب پر طائرانہ نظر دوڑاتے رہے۔ لیکن بعد میں یہ نظر گہرائی اختیار کرگئی اور جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے، گفتگو گرما گرم بحث میں تبدیل ہو گئی۔ میرے شوہر، ترقی پسند ہیں نہ رجعت پسند، لیکن بحث پسند ضرور ہیں، چنانچہ اپنے دوستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ گرمجوش وہی نظر آتے تھے۔ وہ اس اندیشے کے یکسر خلاف تھے کہ پاکستان میں ترقی پسند ادب کا مستقبل تاریک ہے۔ بحث کے دوران میں ایک مرتبہ انھوں نے بالکل

’’تم آج شام کو ساڑھی پہنوگی‘‘

کے سے فیصلہ کن انداز میں اپنے دوست حبیب سے کہا۔

’’تمہیں تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان میں ترقی پسند ادب کی تحریک زندہ رہے گی۔ ‘‘

حبیب صاحب فوراً سر تسلیم خم کردینے والے نہیں تھے، چنانچہ بحث جاری رہی، اور جب میں چائے تیار کرنے کے لیے اٹھی تو حفیظ اللہ صاحب جن کو سب اُلاّ کہہ کر پکارتے تھے پچیسواں سگریٹ پھونکتے ہوئے ترقی پسند ادب پر کریملن کے اشتمالی اثر کو غلط ثابت کرنے کی کوشش شروع کرنے والے تھے۔ میں اٹھ کر باورچی خانے میں آئی تو نوکر غائب تھا اور چائے کا پانی چولہے پر دھرا بالکل غارت ہو چکا تھا۔ میں نے کیتلی کا پانی تبدیل کیا اور باہر نکل کر نوکر کو آواز دی۔ وہ جب آیا تو اس کے ہاتھ میں

’’اداکار‘‘

کا پرچہ تھا جس کے سرورق پرمنورما کی نیم برہنہ تصویر چھپی ہوئی تھی۔ میں نے جھڑک کر پرچہ اس کے ہاتھ سے لیا۔

’’جب دیکھو واہیات پرچے پڑھ رہا ہے۔ چائے کا پانی ابل ابل کر تیل بن چکا ہے اس کا کچھ خیال ہی نہیں۔ جاؤ، پیسٹری لے کر آؤ۔ منٹا منٹی میں آنا۔ ‘‘

میں نے پرس میں سے ایک پانچ کا نوٹ اس کو دیا اور باورچی خانے میں لوہے کی کرسی پر بیٹھ کر

’’اداکار‘‘

کی تصویریں دیکھنا شروع کردیں۔ تصویریں دیکھ چکنے کے بعد میں سوال جواب پڑھ رہی تھی کہ پیسٹری آگئی۔

’’اداکار‘‘

کا پرچہ میز پر رکھ کر میں نے سب دانے الگ الگ طشتریوں میں چنے اور نوکر سے یہ کہہ کر وہ دودھ گرم کرکے جلدی چائے لے آئے، واپس بڑے کمرے میں چلی آئی۔ جب اندر داخل ہوئی تو وہ اور ان کے دوست قریب قریب خاموش تھے۔ میں سمجھی، شاید ان کی گفتگو ختم ہو چکی ہے لیکن اُلاّ صاحب نے اپنے موٹے موٹے شیشوں والی عینک اتار کر رومال سے آنکھیں صاف کرکے میری طرف دیکھتے ہوئے کہا۔

’’بھابی جان سے پوچھنا چاہیے۔ شاید وہ اس پر کچھ روشنی ڈال سکیں؟‘‘

میں کرسی پر بیٹھنے والی تھی۔ یہ سن کر قدرے رک گئی۔ اب حبیب صاحب مجھ سے مخاطب ہوئے۔

’’تشریف رکھیے!‘‘

میں بیٹھ گئی۔ میرے شوہر اپنی جگہ سے اٹھے اور بالکل

’’اس کو سینا پرونا نہیں آتا‘‘

کے سے انداز میں اپنے دوست اُلاّ سے کہا۔

’’یہ اس معاملے پر کوئی روشنی نہیں ڈال سکتی۔ ‘‘

’’پوچھنا مجھے تھا۔ ‘‘

حبیب صاحب نے ان سے پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

حسب عادت میرے شوہر گول کر گئے۔

’’بس۔ !‘‘

پھر مجھ سے مخاطب ہوئے

’’چائے کب آئے گی؟‘‘

میں نے مسکرا کر جواب دیا۔

’’جب آپ مجھ سے روشنی ڈالنے کے لیے کہیں گے۔ ‘‘

اُلاّ صاحب نے چشمہ ناک پر جمایا اور تھوڑا سا مسکرائے۔

’’بات یہ ہے بھابی جان کہ۔ وہ ہیں نا آپ کی۔ میرا مطلب ہے۔ ‘‘

حبیب صاحب نے ان کی بات کاٹ دی۔

’’اُتے، خدا کی قسم تمہیں اپنا مطلب سمجھانے کا سلیقہ کبھی نہیں آئے گا۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ مجھ سے مخاطب ہوئے۔

’’آپ یہ فرمائیے کہ آپ کا اپنی سہیلی بلقیس جہاں کے متعلق کیا خیال ہے؟‘‘

سوال بڑا اوندھا سا تھا۔ میں جواب سوچنے لگی۔

’’میں آپ کا مطلب نہیں سمجھی۔ ‘‘

اُلاّ صاحب نے حبیب صاحب کی پسلیوں میں اپنی کہنی سے ایک ٹھونکا دیا۔

’’بھئی واللہ، اپنا مطلب واضح طور پر سمجھانے کا سلیقہ ایک فقط تمہیں ہی آتا ہے۔ ‘‘

’’ٹھہرو یار‘‘

حبیب جھنجھلا گئے۔ انھوں نے ٹائی کی گرہ ٹھیک کی اور جھنجھلاہٹ دور کرتے ہوئے مجھ سے کہا۔

’’ابھی ابھی بلقیس کی باتیں ہورہی تھیں۔ اردو کے موجودہ ادب میں اس خاتون کا جو رتبہ ہے۔ میرا مطلب ہے کہ ان کا ایک خاص مقام ہے۔ افسانہ نگاری میں اپنے ہم عصروں کے مقابلے میں وہ بہت آگے ہیں۔ جہاں تک نفسیات کے مطالعے کا تعلق ہے۔ ‘‘

حبیب صاحب جیسے یہ کہنے کے لیے بیتاب تھے۔

’’ان کا مطالعہ بہت گہرا ہے۔ ‘‘

’’خاص طور پر مردوں کی جنسی نفسیات کا۔ ‘‘

میرے شوہر نے اپنے مخصوص انداز میں کہا اور میری طرف معنی خیز نظروں سے دیکھتے ہوئے اپنی کرسی پر بیٹھ گئے۔ حبیب نے مجھ سے مخاطب ہو کر میرے شوہر کے الفاظ دہرائے۔

’’جی ہاں خاص طور پر مردوں کی جنسی نفسیات کا۔ ‘‘

اور یہ کہتے ہوئے دو دفعتہً محجوب سے ہو گئے اور آنکھیں نیچی کرلیں۔ مجھے ان پر کچھ ترس آیا چنانچہ میں نے ذرا بیباکی سے کہا

’’آپ کیا پوچھنا چاہتے ہیں؟‘‘

اُلاّ صاحب خاموش رہے۔ ان کی جگہ حبیب بولے۔

’’چونکہ آپ بلقیس صاحبہ کی سہیلی ہیں، اس لیے ظاہر ہے کہ آپ ان کو بہت اچھی طرح جانتی ہیں۔ ‘‘

میں نے صرف اتنا کہا۔

’’ایک حد تک!‘‘

میرے شوہر نے کسی قدر بے چین ہو کہا۔

’’بیکار ہے۔ بالکل بیکار ہے۔ عورتیں راز کی باتیں نہیں بتایا کرتیں، خاص طور پر جب وہ خود ان کی اپنی صنف سے متعلق ہوں۔ ‘‘

پھر وہ مجھ سے مخاطب ہوئے۔

’’کیوں محترمہ، کیا میں جھوٹ کہتا ہوں۔ ‘‘

میرا خیال ہے ایک حد تک درست کہہ رہے تھے، لیکن میں نے کوئی جواب نہ دیا۔ اتنے میں چائے آگئی اور گفتگو تھوڑے عرصے کیلیے

’’چائے کتنی۔ دودھ کتنا۔ شکر کتنے چمچ‘‘

میں تبدیل ہو گئی۔ اُلاّ صاحب پانچویں کریم رول کی کریم اپنے ہونٹوں پر سے چوستے ہوئے پھر بلقیس جہاں کی طرف لوٹے اور بلند آواز میں کہا۔

’’کچھ بھی ہو، یہ طے ہے کہ یہ محترمہ ہم مردوں کی جنسی نفسیات کو خوب سمجھتی ہے۔ ‘‘

ان کا روئے سخن ہم سب کی طرف کم اور ساری دنیا کی طرف زیادہ تھا۔ میں ان کا یہ فیصلہ سن کر دل ہی دل میں مسکرائی۔ کیونکہ کم بخت بلقیس، اُلاّ صاحب کی جنسی نفسیات خوب سمجھتی تھی۔ اس نے ایک مرتبہ مجھ سے کہاتھا۔

’’تھپو۔ اگر یہ اُلاّ صاحب تمہارے شوہر نیک اختر کے دوست نہ ہوتے تو خدا کی قسم میں انھیں ایسے چکر دیتی کہ ساری عمر یاد رکھتے۔ اول درجے کے ریشہ خطمی انسان ہیں۔ اسٹریم لائنڈ عاشق۔ ‘‘

مجھے معلوم نہیں بلقیس نے اُلاّ صاحب کے متعلق یہ رائے کیسے قائم کی تھی۔ میں نے ان کی طرف غور سے دیکھا۔ عینک کے دبیز شیشوں کے پیچھے ان کی آنکھیں گڈمڈ سی ہورہی تھیں۔ اسٹریم لائنڈ عاشق کا کوئی خط مجھے ان کے چہرے پر نظر نہ آیا۔ میں نے سوچا ایسے معاملے جانچنے کے لیے ایک خاص قسم کی نگاہ کی ضرورت ہوتی ہے جو قدرت نے صرف بلی ہی کو عطا کی تھی۔ اُلاّ صاحب نے جب مجھے گھورتے دیکھا تو سٹپٹا سے گئے۔ چھٹے کریم رول کی کریم بہت بری طرح ان کے ہونٹوں سے لتھڑ گئی۔

’’معاف کیجیے گا۔ ‘‘

یہ کہہ کر رومال سے اپنا منہ پونچھا۔

’’کیا آپ کی سہیلی بلقیس کے بارے میں میرا خیال غلط ہے۔ ‘‘

میں نے اپنے لیے دوسرا کپ بانا شروع کردیا۔

’’میں اس بارے میں کچھ کہہ نہیں سکتی۔ ‘‘

میرے شوہر ایک دم اٹھ کھڑے ہوئے اور بالکل

’’شلجم بن جلائے تم کبھی نہیں پکا سکتیں‘‘

کے سے انداز میں کہا۔

’’یہ اس بارے میں کبھی کچھ کہہ نہیں سکیں گی‘‘

میں نے غیر ارادی طور پر ان کی طرف دیکھا۔ بلی کی ان کے بارے میں یہ رائے تھی کہ بنتے بنتے بننے کے فن میں بڑی مہارت حاصل کرگئے ہیں۔ بے حد خشک ہیں اور یہ خشکی انھوں نے اپنے وجود میں ادھر ادھر سے ملبہ ڈال ڈال کر پیدا کی ہے بظاہر کسی عورت میں دلچسپی ظاہر نہیں کریں گے مگر ہر عورت کو ایک بار چور نظر سے ضرور دیکھیں گے۔ دفعتہً انھوں نے میری طرف چور نظر سے دیکھا۔ میں جھینپ گئی۔ اُلاّ صاحب اپنے ہونٹ تسلی بخش طور پر صاف کر چکے تھے۔ ایک پیٹس اٹھا کر وہ میرے شوہر سے مخاطب ہوئے۔

’’یار تمہاری بیگم صاحبہ نے تو ہمیں بہت بری طرح ڈس اپائنٹ کیا ہے۔ ‘‘

حبیب صاحب چائے کا آخری گھونٹ پی کر بولے

’’درست ہے۔ لیکن اس معاملے میں بیوی کے بجائے خاوند کسی حد تک رہبری کرسکتا ہے۔ ‘‘

اُلاّ صاحب نے پوچھا۔

’’تمہارا مطلب ہے، بلقیس صاحبہ کے بارے میں؟‘‘

’’جی ہاں‘‘

یہ کہہ کر حبیب صاحب اٹھے، میرے شوہر کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور میری طرف دیکھ کر مسکرائے۔

’’اپنی بیگم صاحبہ کے ذریعے سے آپ کو بلقیس کی عجیب و غریب شخصیت کے بارے میں کچھ نہ کچھ تو ضرور معلوم ہوا ہو گا۔ ‘‘

میرے شوہر نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا۔

’’صرف اسی قدر کہ اس کا مطالعہ کتابی نہیں‘‘

یہ کہہ کر انھوں نے مجھ سے پوچھا۔

’’کیوں سعیدہ؟‘‘

میں نے ذرا توقف کے بعد کہا۔

’’جی ہاں۔ اسے کتابوں کے مطالعے کا اتنا شوق نہیں!‘‘

میرے شوہر نے ایک دم سوال کیا۔

’’تم اس کی وجہ بتا سکتی ہو؟‘‘

مجھے اس کی وجہ معلوم نہیں تھی، اس لیے میں نے اپنی معذوری ظاہر کردی لیکن میں سوچنے لگی کہ جب بلقیس کا کام ہی لکھنا ہے، پھر اسے پڑھنے سے لگاؤ کیوں نہیں۔ مجھے یاد ہے، ایک مرتبہ نمائش میں گھومتے ہو ئے اس نے مجھ سے کہا تھا۔

’’بھپو، یہ نمائش نہیں ایک لائبریری ہے۔ زندہ اور متحرک کتابوں سے بھری ہوئی۔ غور تو کرو کتنے دلچسپ کردار چل پھر رہے ہیں۔ ‘‘

سوچتے سوچتے مجھے اس کی اور بہت سی باتیں یاد آگئیں۔ عورتوں کے مقابلے میں وہ مردوں سے کہیں زیادہ تپاک سے ملتی اور باتیں کرتی تھی۔ لیکن گفتگو کاموضوع ادب، شاذو نادر ہی ہوتا تھا، میرا خیال ہے کہ ادبی ذوق رکھنے والے مرد اس سے مل کر یقینی طور پر اس نتیجے پر پہنچتے ہوں گے کہ بہت غیر ادبی قسم کی عورت ہے، کیونکہ عام طور پر وہ گفتگو کا رخ لٹریچر کی طرف آنے ہی نہیں دیتی تھی، لیکن اس کے باوجود اس سے ملاقات کرنے والے بہت خوش خوش جاتے تھے کہ انھوں نے اتنی بڑی ادبی شخصیت کے ایک بالکل نئے اور نرالے پہلو کی جھلک دیکھ لی ہے۔ جہاں تک میں سمجھتی ہوں، بلی اپنی شخصیت کے اس بظاہر بالکل نئے اور نرالے پہلو کی جھلک خود دکھاتی تھی، بقدر ضرورت اور وہ بھی صرف اپنے ملاقاتیوں کے کردار کی صحیح جھلک دیکھنے کے لیے۔ میرے ساتھ اس کو اپنا یہ محبوب اور مجرب نسخہ استعمال کرنے کی ضرورت محسوس نہ ہوئی تھی کیونکہ بقول اس کے

’’میں نے ایک نظر ہی میں تاڑ لیا تھا کہ تم بے حد سادہ اور چغد قسم کی لڑکی ہو۔ ‘‘

میں بے حد سادہ اور چغد قسم کی لڑکی تو نہیں ہوں۔ لیکن شاید بلی نے یہ رائے اس لیے قائم کی تھی کہ میں نے اس کی بحث پسند، ضدی اور اڑیل طبیعت کے پیش نظر اس سے راہ و رسم بڑھانے سے پہلے ہی اپنے دل میں فیصلہ کرلیا تھا کہ میں اس کی طبیعت کے خلاف بالکل نہ چلوں گی۔ یہ وجہ بھی ہو سکتی ہے کہ اس کے بعض افسانے جو بڑے ٹھیٹ قسم کے جنسیاتی یا نفسیاتی ہوتے تھے، میری سمجھ سے عام طور پر اونچے ہی رہتے تھے۔ وہ اکثر ایسے افسانوں کے متعلق پوچھا کرتی تھی

’’کہو، بھپو، تم نے میرا فلاں افسانہ پڑھا۔ ‘‘

اور پھر خود ہی کہا کرتی تھی۔

’’پڑھا تو ضرور ہو گا، مگر سمجھ میں کیا آیا ہو گا۔ خاک۔ خدا کی قسم تم بے حد سادہ اور چغد قسم کی لڑکی ہو!‘‘

میں یہ افسانے سمجھنے کی کوشش ضرور کرتی، مگر مجھے اس بات سے بڑی الجھن ہوتی کہ بلی عورت ہوکر ایسی گہرائیوں میں کود جاتی ہے، جن میں اترنے سے مرد بھی گھبرائیں۔ میں نے کئی دفعہ اس سے کہا

’’تم کیوں ایسی باتیں لکھتی ہو کہ مرد بیٹھ کر تمہارے متعلق طرح طرح کی افواہیں اڑاتے ہیں۔ ‘‘

مگر اس نے ہر بار جواب کچھ اسی قسم کا دیا۔

’’اڑانے دو۔ میں ان کیڑوں کی کیا پروا کرتی ہوں۔ ایسی درگت بناؤں گی کہ یاد رکھیں گے!‘‘

وہ کتنے مردوں کی درگت بنا چکی تھی، اس کا مجھے کوئی علم نہیں، لیکن میرٹھ کے ایک ادھیڑ عمر کے شاعر جو دو سال تک اسے عشقیہ خط لکھتے رہے تھے اور جسے دو سال تک یہ شہہ دیتی رہی تھی، انجام کار سب کچھ بھول کر ایک بہت ہی خفیہ خط میں اس کو اپنی بیٹی بنانے پر مجبور ہو گئے تھے۔ بلکہ یوں کہئے کہ مجبور کر دیے گئے تھے۔ اس نے مجھے ان کا آخری خط دکھایا تھا۔ خدا کی قسم مجھے بہت ترس آیا تھا بیچارے پر۔ اُلاّ صاحب دوسرا پیٹس ختم کر چکے تھے۔ حبیب صاحب تفریحاً خالی پیالی میں چمچ ہلا رہے تھے۔ میں اٹھ کر چائے کے برتن جمع کرنے لگی تو اُلاّ صاحب نے رسمیہ طور پر کہا۔

’’اتنی نفیس چائے کا بہت بہت شکریہ۔ مگر یہ گلہ آپ سے ضرور ر ہے گا کہ آپ نے بلقیس جہاں صاحبہ کی جنسیات نگاری پر کوئی روشنی نہ ڈالی۔ میں سچ عرض کرتا ہوں کہ بڑے بڑے ماہر جنسیات بھی حیراں ہیں کہ ایک عورت میں اتنی گہری نگاہ کہاں سے آگئی۔ ‘‘

میں کچھ کہنے ہی والی تھی کہ ٹیلیفون کی گھنٹی بجنا شروع ہوئی، میرے شوہر نے ریسیور اٹھایا۔

’’ہلو۔ ہلو۔ جی؟۔ جی جی۔ آداب عرض۔ جی ہاں ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر انھوں نے مجھ سے کہا۔

’’تمہارا فون ہے۔ ‘‘

پھر جیسے دفعتہً یاد آیا ہو۔

’’بلی ہے!‘‘

اُلاّ صاحب، حبیب اور میں بیک وقت بولے۔

’’بلقیس!‘‘

میں نے بڑھ کر ریسیور لیا۔ گو بلقیس آنکھ سے اوجھل تھی، مگر مجھے ایسا محسوس ہوا کہ وہ جانتی ہے کہ اس کے متعلق یہاں باتیں ہورہی تھیں۔ اس احساس کے باعث میں بوکھلا گئی۔ جلدی جلدی میں اس سے چند باتیں کیں اور ریسیور رکھ دیا۔ اس نے مجھے اپنے یہاں بلایا تھا۔ محفل جمی رہی۔ میں گھر کے کام کاج سے جلدی جلدی فارغ ہو کر بلی کے ہاں روانہ ہو گئی۔ کوٹھی کے باہر بے شمار اسباب افراتفری کے عالم میں پڑا تھا، اس لیے کہ سفیدی ہورہی تھی۔ وہ اپنے کمرے میں تھی، مگر اس کا سامان بھی درہم برہم تھا۔ میں ایک کرسی صاف کرکے اس پر بیٹھ گئی، بلی نے ادھر ادھر دیکھا اور مجھ سے کہا۔

’’میں ابھی آئی۔ ‘‘

چند منٹ کے بعد ہی وہ واپس آگئی اور مجھ سے کچھ دور اسٹول پر بیٹھ گئی۔ میں نے اس سے کہا۔

’’آج تمہارے متعلق بہت باتیں ہورہی تھیں!‘‘

’’اوہ!‘‘

اس نے کوئی دلچسپی ظاہر نہ کی۔

’’اُلاّ صاحب بھی تھے۔ ‘‘

’’اچھا!‘‘

’’میں نے انھیں بہت غور سے دیکھا، مگر مجھے ان میں اسٹریم لائنڈ عاشق کے کوئی آثار نظر نہ آئے۔ ‘‘

بلی نے مسکرانے کی ناکام کوشش کی، پھر سنجیدگی کے ساتھ کہا۔

’’مجھے تم سے ایک بات کرنا تھی؟‘‘

’’کیا؟‘‘

’’کوئی ایسی خاص نہیں۔ ‘‘

لیکن اس کے لہجے نے چغلی کھائی کہ بات بہت خاص قسم کی ہے، چنانچہ میں نے فوراً سوچا کہ اس کے لیے خاص بات صرف ایک ہی ہوسکتی ہے۔ کسی مرد کے عشق میں گرفتار ہو جانا۔

’’آنکھ لڑ گئی ہے کسی سے؟‘‘

بلقیس نے میرے اس سوال کا کوئی جواب نہ دیا۔ میں نے جب اس کی طرف غور سے دیکھا تو وہ مجھے بہت ہی متردد نظر آئی۔

’’بات کیا ہے۔ آج تم میں وہ شگفتگی نہیں۔ ‘‘

اس نے پھر مسکرانے کی ناکام کوشش کی۔

’’شگفتگی؟۔ نہیں تو سفیدی ہورہی ہے نا۔ ساری پریشانی اسی کی ہے!‘‘

یہ کہہ کر وہ دانتوں سے اپنے ناخن کاٹنے لگی۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت تعجب ہوا۔ کیونکہ وہ اس کو بہت ہی مکروہ سمجھتی تھی۔ چند لمحات خاموشی میں گزرگئے۔ میں بے چین ہورہی تھی کہ وہ جلدی بات کرے، لیکن وہ خدا معلوم کن خیالات میں غرق تھی۔ بالآخر میں نے تنگ آکر اس سے کہا۔

’’کیا تم میرا نفسیاتی مطالعہ تو نہیں کررہی ہو۔ آخر کچھ کہو گی یا نہیں؟‘‘

وہ بڑبڑائی۔

’’نفسیاتی مطالعہ۔ ‘‘

اور اس کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔ میں ابھی اپنے تعجب کا اظہار بھی نہ کرنے پائی تھی کہ وہ اٹھ کر تیزی سے غسل خانے میں چلی گئی۔ بلی کی سدا تمسخر اڑانے والی آنکھیں اور آنسو؟۔ مجھے یقین نہیں آتا تھا مگر اس کا رونا نہایت کرب آلود تھا۔ اور تو کچھ میری سمجھ میں نہ آیا۔ سینے کے ساتھ لگا اس کی ڈھارس دی اور کہا

’’کیا بات ہے میری جان؟‘‘

اس کے آنسو اور تیزی سے بہنے لگے، لیکن تھوڑی دیر بعد ایک دم آنسو رک گئے۔ مجھ سے دور ہٹ کر وہ دریچے کے باہر دیکھنے لگی۔

’’میں جانتی تھی کہ یہ کھیل خطرناک ہے، لیکن میں نے کوئی پرواہ نہ کی۔ کیا دلچسپ اور مزیدار کھیل تھا!‘‘

وہ دیوانوں کی طرح ہنسی۔

’’بہت ہی مزیدار کھیل۔ ان کی فطری کمزوریوں سے فائدہ اٹھایا، چند روز بے وقوف بنایا اور ایک افسانہ لکھ دیا۔ کس کا افسانہ۔ بلقیس جہاں کا۔ جنسی نفسیات کی ماہر کا۔ ‘‘

اس نے پھر رونا شروع کردیا اور مجھ سے لپٹ کر کہنے لگی۔

’’بھپو۔ میری حالت قابل رحم!‘‘

’’کیا ہوا میری جان؟‘‘

مجھ سے دور ہٹ کر وہ پھر دریچے کے باہر دیکھنے لگی۔

’’بلقیس جہاں کا خاتمہ۔ کل اسی کمرے میں اس کا وجود ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا۔ ‘‘

’’کیسے؟‘‘

’’یہ مجھ سے نہ پوچھو بھپو۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ مجھ سے لپٹ گئی۔

’’لیکن نہیں۔ میں تم سے نہیں چھپا سکتی۔ لو سنو۔ چند دنوں سے میں سفیدی کرنے والے مزدور کا مطالعہ کررہی تھی۔ کل شام اسی وحشی نے اچانک۔ ‘‘

بلقیس نے دھکا دے کر مجھے باہر نکال دیا اور غسل خانے کا دروازہ بند کردیا۔ جب میں گھر پہنچی تو اُلاّ صاحب اور حبیب صاحب کے علاوہ اور صاحب بھی موجود تھے۔ بلقیس جہاں کی حیرت انگیز جنسی نفسیات نگاری گفتگو کا موضوع تھا۔

سعادت حسن منٹو

نفسیات شناس

آج میں آپ کو اپنی ایک پُر لطف حماقت کا قصّہ سُناتا ہوں۔ کرفیوں کے دن تھے۔ یعنی اس زمانے میں جب بمبئی میں فرقہ وارانہ فساد شروع ہو چکے تھے۔ ہر روز صبح سویرے جب اخبار آتا تو معلوم ہوتا کہ متعدد ہندوؤں اور مسلمانوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ میری بیوی اپنی بہن کی شادی کے سلسلے میں لاہور جا چکی تھی۔ گھر بالکل سُونا سُونا تھا اسے گھر تو نہیں کہنا چاہیے۔ کیونکہ صرف دو کمرے تھے ایک غسلخانہ جس میں سفید چمکیلی ٹائلیں لگی تھیں اس سے کچھ اور ہٹ کر ایک اندھیرا سا باورچی خانہ اور بس۔ جب میری بیوی گھر میں تھی تو دونوکر تھے۔ دونوں بھائی کم عمر تھے۔ ان میں سے جو چھوٹا تھا وہ مجھے قطعاً پسند نہیں تھا اس لیے کہ وہ اپنی عمر سے کہیں زیادہ چالاک اور مکار تھا چنانچہ میں نے موقعہ سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُسے نکال باہر کیا اور اُس کی جگہ ایک اور لڑکا ملازم رکھ لیا جس کا نام افتخار تھا۔ رکھنے کو تو میں نے اُسے رکھ لیا لیکن بعد میں بڑا افسوس ہوا کہ وہ ضرورت سے زیادہ پھرتیلا تھا۔ میں کرسی پر بیٹھا ہوں اور کوئی افسانہ سوچ رہا ہوں کہ وہ باورچی خانہ سے بھاگا آیا اور مجھ سے مخاطب ہوا۔

’’صاحب آپ نے بُلایا مجھے۔ ‘‘

میں حیران کہ اس خرذات کو میں نے کب بُلایا تھا چنانچہ میں نے شروع شروع تو اتنی حیرت کا اظہار کیا اور اس سے کہا۔ افتخار تمہارے کان بجتے ہیں میں جب آواز دیا کروں اُسی وقت آیا کرو۔ افتخار نے مجھ سے کہا۔ لیکن صاحب آپ کی آواز ہی سنائی دی تھی۔ میں نے اس سے بڑے نرم لہجے میں کہا۔ نہیں میں نے تمھیں نہیں بُلایا تھا جاؤ اپنا کام کرو۔ وہ چلا گیا لیکن جب ہر روز چھ چھ مرتبہ آ کر یہی پوچھتا صاحب آپ نے بُلایا ہے مجھے تو تنگ آکر اُس سے کہنا پڑتا۔ تم بکواس کرتے ہو تم ضرورت سے زیادہ چالاک ہو بھاگ جاؤ یہاں سے۔ اور وہ بھاگ جاتا۔ گھر میں چونکہ اور کوئی نہیں تھا اس لیے میرا دوست راجہ مہدی علی خان میرے ساتھ ہی رہتا تھا اُس کو افتخار کی مستعدی بہت پسند تھی۔ وہ اُس سے بہت متاثر تھا۔ اس نے کئی بار مجھ سے کہا منٹو۔ تمہارا یہ ملازم کتنا اچھا ہے۔ ہر کام کتنی مستعدی سے کرتا ہے۔ میں نے اُس سے ہر بار یہی کہا۔ راجہ میری جان تم مجھ پر بہت بڑا احسان کرو گے۔ اگر اسے یہاں اپنے یہاں لے جاؤ مجھے ایسے مستعد نوکر کی ضرورت نہیں معلوم نہیں کہ راجہ کو افتخار پسند تھا تو اُس نے اُسے ملازم کیوں نہ رکھ لیا میں نے راجہ سے کہا۔

’’دیکھو بھائی یہ لڑکا بڑا خطرناک ہے مجھے یقین ہے کہ چور ہے کبھی نہ کبھی میرے چونا ضرور لگائے گا۔ ‘‘

راجہ میرا تمسخر اُڑاتا۔ تم فرائڈ بن رہے ہو۔ ایسا نوکر زندگی میں مشکل سے ملتا ہے تم نے اسے سمجھا ہی نہیں۔

’’میں سوچ میں پڑ جاتا کہ میرا قیافہ یا اندازہ کہیں غلط تو نہیں۔ شاید راجہ ٹھیک ہی کہہ رہا ہو۔ ہوسکتا ہے افتخار ایماندار ہو اور جو میں نے اس کی ضرورت سے زیادہ پھرتی اور چالاکی کے متعلق فیصلہ کیا ہے بہت ممکن ہے غلط ہو۔ مگر سوچ بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچتا کہ میں نے جو فیصلہ کیا ہے وہی درست ہے مجھے اپنے متعلق یہ حسن ظن ہے کہ انسانی نفسیات کا ماہر ہوں۔ آپ یقین مانیے افتخار کے متعلق جو رائے میں نے قائم کی تھی دُرست نکلی۔ لیکن۔ ‘‘

’’یہ۔ لیکن ہی سارا قصہ ہے‘‘

اور قصّہ یُوں ہے کہ میں جب بمبئی ٹاکیز سے واپس آیا کرتا تھا تو عادتاً ریل گاڑی کا ماہانہ ٹکٹ جو ایک کارڈ کی صورت میں ہوتا تھا جو سلو لائیڈ کے کور میں بند رہتا تھا، اپنے میز کے ٹرے میں رکھا کرتا تھا جتنے روپے پیسے اور آنے جیب میں ہوتے وہ بھی اس ٹرے میں رکھ دیتا۔ اگر کچھ نوٹ ہوں تو میں وہ ٹکٹ کے سلو لائیڈ کے کور میں اُڑس دیا کرتا۔ ایک دن جب میں بمبئی ٹاکیز سے واپس آیا تو میری جیب میں ساٹھ روپے کی مالیت کے چھ نوٹ دس دس کے تھے میں نے حسبِ عادت جیب میں سے ٹرین کا پاس نکالا اور سلولائڈ کور میں چھ نوٹ اڑسے اور برانڈی پینے لگا۔ کھانا کھانے کے بعد میں سوگیا۔ صبح جلدی بیدار ہوتا ہوں یعنی یہی کوئی ۵ بجے ساڑھے پانچ کے قریب اخبار آ جاتے تھے اُن کا جلدی جلدی مطالعہ کرتے کرتے چھ بجے میں اُٹھ کر غسل کرتا اُس کے بعد پھر برانڈی پیتا اور کھانا کھا کر سو جاتا۔ اُس شام بھی ایسا ہی ہوا افتخار نے بڑی پھرتی سے میز پر کھانا لگایا جب میں کھا کر فارغ ہوا تو اس نے بڑی پھرتی سے برتن اُٹھائے۔ میز صاف کی اور مجھ سے کہا

’’صاحب آپ کو سگریٹ چاہئیں۔ ‘‘

میں نے اس سے بڑے درشت لہجے میں کہا۔ کہ

’’سگریٹ تو مجھے چاہئیں۔ لیکن تم لاؤ گے کہاں سے جانتے نہیں ہو آج کرفیو ہے نو بجے سے صبح چھ بجے تک۔ ‘‘

افتخار خاموش ہو گیا۔ میں حسبِ معمول صبح پانچ بجے اُٹھا لیکن سمجھ میں نہ آیا کہ کیا کروں نوکر سو رہے تھے۔ کرفیو کا وقت چھ بجے تک تھا۔ اس وقت کوئی اخبار نہیں آیا تھا۔ صوفے پر بیٹھا اونگھتا رہا۔ تھوڑی دیر کے بعد اُکتا کر میں نے کھڑکی سے باہر جھانکا تو بازار سنسان تھا وہ بازار جو صبح تین بجے ہی ٹرالوں کی کھڑ کھڑاہٹ اور مل میں کام کرنیوالی عورتوں اور مردوں کی تیز رفتاری سے زندہ ہوتا تھا۔ کھڑکی ایک ہی تھی۔ اس کے پاس ہی میری میز پر جو ٹرے پڑی تھی میری نظر اتفاقیہ اس پر پڑی شام کو ہر روز میں اس میں اپنا ریل کا پاس اور روپے پیسے رکھا کرتا تھا اس لیے کہ یہ معاملہ عادت بن کر طبیعت بن گیا تھا۔ جب میں نے ٹرے کو اتفاقیہ دیکھا تو مجھے وہ پاس نظر نہ آیا جس کے کور میں میں نے دس دس کے چھ کرنسی نوٹ رکھے تھے پہلے تو میں نے سمجھا کہ شاید میں نے کاغذوں کے نیچے رکھ دیا ہو گا لیکن جب کاغذ اُٹھائے تو کچھ بھی نہ تھا۔ بڑی حیرت ہوئی۔ ایک ایک کاغذ اُلٹ پلٹ کیا مگر وہ پاس نہ ملا۔ دونوں نوکر باورچی خانے میں سو رہے تھے۔ میں بڑا متحیر تھا کہ یہ قصہ کیا ہے میں نے اگر گھر آنے سے پہلے شراب پی ہوتی تو میں سمجھتا کہ میرا حافظہ جواب دے گیا ہے یا جیب سے رومال نکالتے وقت مجھ سے وہ چھ نوٹ کہیں گر گئے۔ لیکن معاملہ اس کے برعکس تھا میں نے بمبئی ٹاکیز سے واپس گھر آتے ہوئے راستے میں ایک قطرہ بھی نہیں پیا تھا اس لیے کہ گھر میں برانڈی کی پوری بوتل موجود تھی۔ میں نے اِدھر اُدھر تلاش شروع کی تو دیکھا میرا ریلوے پاس دس دس کے چھ نوٹوں سمیت میز کے نچلے درازمیں فائلوں کے نیچے پڑا ہے میں دیر تک سوچتا رہا لیکن کچھ سمجھ میں نہ آیا اس لیے کہ میں نے اسے چھپا کر نہیں رکھا تھا۔ میں نے سوچا کہ یہ افتخار کی حرکت ہے۔ جبکہ میں سو رہا تھا باورچی خانے کے کام سے فارغ ہو کر ٹرے میں وہ پاس دیکھا اور اس کو میز کے نیچے والی دراز میں فائلوں کے اندر چھپا دیا۔ رات کرفیو تھا اس لیے وہ باہر نہیں جاسکتا تھا۔ اس کی غالباً یہ اسکیم تھی کہ جب صبح کرفیو اُٹھے تو وہ پاس نوٹوں سمیت لے کر چھپت سو جائے گا مگر میں بھی ایک کائیاں تھا میں نے پاس فائلوں کے نیچے سے اُٹھایا اور پھر ٹرے میں رکھ دیا تاکہ میں افتخار کی پریشانی دیکھ سکوں۔ مجھے مقررہ وقت پر بمبئی ٹاکیز جانا تھا چنانچہ حسبِ معمول میں نے کُرتہ اور پاجامہ نکالا پاجامہ میں ازار بند ڈالا اور تولیہ لے کر غسل خانے میں چلا گیا لیکن میرے دل و دماغ میں صرف ایک ہی خیال تھا۔ اور وہ افتخار کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا مجھے یقین تھا کہ وہ میری میز کے نچلے دراز میں چھپایا ہوا پاس بڑے وثوق سے نکالے گا پھر جب اُسے نہیں ملے گا تو وہ اِدھر اُدھر دیکھے گا۔ جب اُسے ناکامی ہو گی تو وہ اُٹھے گا اُس کی نظر ٹرے پر پڑے گی وہ کس قدر حیران ہو گا لیکن وہ پاس کو اُٹھائے گا اور اپنے قبضے میں اُڑس کر چلتا بنے گا۔ میں نے اپنے دماغ میں اسکیم بنائی تھی کہ غسل خانے کا دروازہ تھوڑا سا کھلا رکھوں گا۔ غسل خانہ میرے کمرے کے بالکل سامنے تھا ذرا سا دروازہ کھلا رہتا اور میں تاک میں رہتا تو افتخار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لینے میں کوئی شبہ ہی نہیں ہوسکتا۔ میں جب غسل خانے میں داخل ہوا تو بہت مسرور تھا۔ بزعمِ خود نفسیاتی ماہر کی وجہ سے اور بھی زیادہ خوش تھا کہ آج میری قابلیت مُسلم ہو جائے گی۔ افتخار کو پکڑ کر میں راجہ کے سامنے پیش کرنا چاہتا تھا۔ میرا یہ ارادہ نہیں تھا کہ اسے پولیس کے حوالے کروں مجھے صرف اپنا دلی اور ذہنی اطمینان ہی تو مطلوب تھا۔ چنانچہ میں نے غسل خانے میں داخل ہو کر جب اپنے کپڑے اُتارے تو دروازہ ذرا سا کھلا رکھا۔ پانی کے دو ڈونگے اپنے بدن پر ڈال کر میں نے صابن ملنا شروع کیا اس کے بعد کئی مرتبہ جھانک کر کمرے کی طرف دیکھا مگر افتخار پاس لینے نہ آیا۔ لیکن مجھے یقین واثق تھا کہ وہ ضرور آئے گا اس لیے کہ اس وقت کرفیو اُٹھ چکا تھا۔ میں فوارے کے نیچے بیٹھا اور اُس کی تیز اور ٹھنڈی پھوار میں اپنا کام بھول گیا اور سوچنے لگا۔ افسانہ نگار ہونا بھی بہت بڑی لعنت ہے میں نے اسکیم کو افسانے کی شکل دینا شروع کر دی ساتھ ساتھ نہاتا بھی رہا اتنا مزا آیا کہ افسانے اور پانی میں غرق ہو گیا۔ میں نے پورا افسانہ صابن اور پانی سے دھو دھا کر اپنے دماغ میں صاف کر لیا۔ بہت خوش تھا۔ اس لیے کہ اس افسانے کا انجام یہ تھا کہ میں نے اپنے نوکر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے اور میری نفسیات شناسی کی چاروں طرف دُھوم مچ گئی ہے۔ میں بہت خوش تھا چنانچہ میں خلافِ معمول اپنے بدن پر ضرورت سے زیادہ صابن ملا۔ ضرورت سے زیادہ پانی استعمال کیا لیکن ایک بات تھی کہ افسانہ میرے دماغ میں اور زیادہ صاف اور زیادہ اُجلا ہوتا گیا جب نہا کر باہر نکلاتو میں اور بھی زیادہ خوش تھا۔ اب صرف یہ کرنا تھا کہ یہ قلم اُٹھاؤں اور یہ افسانہ لکھ کر کسی پرچے کو بھیج دُوں۔ میں خوش تھا کہ چلو ایک افسانہ ہو گیا۔ کپڑے تبدیل کرنے کے لیے دوسرے کمرے میں گیا میرے فلیٹ میں صرف دو کمرے تھے۔ ایک کمرے میں تو وہ معاملہ پڑا تھا۔ یعنی میرا ریلوے کا پاس جس میں دس دس کے چھ نوٹ ملفوف تھے میں دوسرے کمرے میں کپڑے پہن رہا تھا۔ کپڑے پہن کر جب باہر نکلا تو یوں سمجھیے جیسے افسانوں کی دنیا سے باہر آیا۔ فوراً مجھے خیال آیا کہ میری اسکیم کیا تھی۔ میز پر پڑی ٹرے کو دیکھا۔ میرا ریلوے پاس دس دس کے چھ نوٹوں سمیت غائب تھا۔ میں نے فوراً اپنے شریف نوکر کو طلب کیا اور اُس سے پوچھا۔

’’کریم افتخار کہاں ہے‘‘

اس نے جواب دیا۔

’’صاحب وہ کوئلے لینے گیا ہے۔ ‘‘

میں نے صرف اتنا کہا

’’تو اُس نے اپنا منہ کالا کر لیا ہے۔ ‘‘

کریم نے اُس کی تلاش کی مگر وہ نہ ملا میں غسل خانے میں انسانی نفسیات کو صابن اور پانی سے دھوتا اور صاف کرتا رہا۔ مگر افتخار مجھے صاف کر گیا۔ اس لیے کہ اسی صبح جب میں بمبئی ٹاکیز کی برقی ٹرین میں روانہ ہوا تو میرے پاس، پاس نہیں تھا ٹکٹ چیکر آیا تو میں پکڑا گیا۔ مجھے کافی جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

سعادت حسن منٹو

نعرہ

اُسے یوں محسوس ہوا کہ اس سنگین عمارت کی ساتوں منزلیں اُس کے کاندھوں پر دھر دی گئی ہیں۔ وہ ساتویں منزل سے ایک ایک سیڑھی کرکے نیچے اُترا اور تمام منزلوں کا بوجھ اُس کے چوڑے مگر دُبلے کاندھے پر سوار ہوتا گیا۔ جب وہ مکان کے مالک سے ملنے کے لیے اوپر چڑھ رہا تھا۔ تو اُسے محسوس ہوا تھا کہ اُس کا کچھ بوجھ ہلکا ہو گیا ہے اور کچھ ہلکا ہو جائے گا۔ اس لیے کہ اس نے اپنے دل میں سوچا تھا۔ مالک مکان جسے سب سیٹھ کے نام سے پُکارتے ہیں اس کی بپتا ضرور سنے گا۔ اور کرایہ چکانے کے لیے اُسے ایک مہینے کی اور مہلت بخش دے گا۔۔۔۔۔ بخش دے گا!۔۔۔۔۔۔ یہ سوچتے ہوئے اُس کے غرور کو ٹھیس لگی تھی لیکن فوراً ہی اس کو اصلیت بھی معلوم ہو گئی تھی۔۔۔۔ وہ بھیک مانگنے ہی تو جا رہا تھا۔ اور بھیک ہاتھ پھیلا کر، آنکھوں میں آنسو بھر کے، اپنے دُکھ درد سُنا کر اور اپنے گھاؤ دکھا کر ہی مانگی جاتی ہے۔۔۔۔۔۔! اُس نے یہی کچھ کیا۔ جب وہ اس سنگین عمارت کے بڑے دروازے میں داخل ہونے لگا۔ تو اُس نے اپنے غرور کو، اُس چیز کو جو بھیک مانگنے میں عام طور پر رکاوٹ پیدا کرتی ہے۔ نکال کر فٹ پاتھ پر ڈال دیا تھا۔ وہ اپنا دیا بُجھا کر اور اپنے آپ کو اندھیرے میں لپیٹ کر مالک مکان کے اس روشن کمرے میں داخل ہوا۔ جہاں وہ اپنی دو بلڈنگوں کا کرایہ وصول کیا کرتا تھا۔ اور ہاتھ جوڑ کر ایک طرف کھڑا ہو گیا۔ سیٹھ کے تلک لگے ماتھے پر کئی سلوٹیں پڑ گئیں۔ اُس کا بالوں بھرا ہاتھ ایک موٹی سی کاپی کی طرف بڑھا۔ دو بڑی بڑی آنکھوں نے اس کاپی پر کچھ حروف پڑھے اور ایک بھدّی سی آواز گونجی۔

’’کیشو لال۔۔۔۔۔ کھولی پانچویں، دوسرا مالا۔۔۔۔۔۔۔ دو مہینوں کا کرایہ۔۔۔۔۔۔۔۔ لے آئے ہو کیا؟‘‘

یہ سُن کر اس نے اپنا دل جس کے سارے پرانے اور نئے گھاؤ وہ سیڑھیاں چڑھتے ہُوئے کرید کرید کر گہرے کر چکا تھا۔ سیٹھ کو دکھانا چاہا۔ اُسے پورا پورا یقین تھا کہ اسے دیکھ کر اس کے دل میں ضرور ہمدردی پیدا ہو جائے گی۔ پر۔۔۔۔۔۔ سیٹھ جی نے کچھ سننا نہ چاہا۔ اور اس کے سینے میں ایک ہلڑ سا مچ گیا۔ سیٹھ کے دل میں ہمدردی پیدا کرنے کے لیے اُس نے اپنے وہ تمام دُکھ جو بیت چکے تھے۔ گزرے دنوں کی گہری کھائی سے نکال کر اپنے دل میں بھر لیے تھے اور ان تمام زخموں کی جلن جو مُدّت ہُوئی مِٹ چکے تھے۔ اُس نے بڑی مشکل سے اکٹھی اپنی چھاتی میں جمع کی تھی۔ اب اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اتنی چیزوں کو کیسے سنبھالے؟ اُس کے گھر میں بن بلائے مہمان آ گئے ہوتے وہ ان سے بڑے روکھے پن کے ساتھ کہہ سکتا تھا۔ جاؤ بھئی میرے پاس اتنی جگہ نہیں ہے کہ تمہیں بٹھا سکوں اور نہ میرے پاس روپیہ ہے کہ تم سب کی خاطر مدارات کر سکوں۔ لیکن یہاں تو قصّہ ہی دوسرا تھا۔ اُس نے تو اپنے بھولے بھٹکے دُکھوں کو ادھر اُدھر سے پکڑ کر اپنے آپ سینے میں جمع کیا تھا۔ اب بھلا وہ باہر نکل سکتے تھے؟ افراتفری میں اُسے کچھ پتہ نہ چلا تھا۔ کہ اس کے سینے میں کتنی چیزیں بھر گئی ہیں۔ پر جیسے جیسے اُس نے سوچنا شروع کیا۔ وہ پہچاننے لگا کہ فلاں دُکھ فلاں وقت کا ہے اور فلاں درد اُسے فلاں وقت پر ہوا تھا۔ اور جب یہ سوچ بچار ہوئی تو حافظے نے بڑھ کر وہ دُھند ہٹا دی۔ جو ان پر لپٹی ہوئی تھی۔ اور کل کے تمام دُکھ درد آج کی تکلیفیں بن گئے اور اس نے اپنی زندگی کی باسی روٹیاں پھر انگاروں پر سینکنا شروع کر دیں۔ اُس نے سوچا، تھوڑے سے وقت میں اُس نے بہت کچھ سوچا۔ اس کے گھر کا اندھا لیمپ کئی بار بجلی کے اُس بلب سے ٹکرایا جو مالک مکان کے گنجے سر کے اوپر مسکرا رہا تھا۔ کئی بار اُس پیوندلگے کپڑے ان کھونٹیوں پر لٹک کر پھر اس کے میلے بدن سے چمٹ گئے۔ جو دیوار میں گڑی چمک رہی تھیں۔ کئی بار اُسے ان داتا بھگوان کا خیال آیا جو بہت دُور نہ جانے کہاں بیٹھا اپنے بندوں کا خیال رکھتا ہے۔ مگر اپنے سامنے سیٹھ کو کُرسی پر بیٹھا دیکھ کر جس کے قلم کی جنبش کچھ کا کچھ کر سکتی تھی۔ وہ اس بارے میں کچھ بھی نہ سوچ سکا۔ کئی بار اُس خیال آیا۔ اور وہ سوچنے لگا۔ کہ اُسے کیا خیال آیا تھا۔ مگر وہ اس کے پیچھے بھاگ دوڑ نہ کر سکا۔ وہ سخت گھبرا گیا تھا۔ اُس نے آج تک اپنے سینے میں اتنی کھلبلی نہیں دیکھی تھی۔ وہ اس کھلبلی پر ابھی تعجب ہی کر رہا تھا۔ کہ مالک مکان نے غصّے میں آکر اُسے گالی دی۔۔۔۔۔ گالی۔۔۔۔۔۔۔ یوں سمجھیے کہ کانوں کے راستے پگھلا ہوا سیسہ شائیں شائیں کرتا اس کے دل میں اُتر گیا۔ اور اس کے سینے کے اندر جو ہلڑ مچ گیا۔ اُس کا تو کچھ ٹھکانہ ہی نہ تھا جس طرح کسی گرم گرم جلسے میں کسی شرارت سے بھگدڑ مچ جایا کرتی ہے۔ ٹھیک اسی طرح اُس کے دل میں ہلچل پیدا ہو گئی۔ اُس نے بہت جتن کیے کہ اس کے وہ دُکھ درد جو اس نے سیٹھ کو دکھانے کے لیے اکٹھے کیے تھے۔ چپ چاپ رہیں۔ پر کچھ نہ ہو سکا۔ گالی کا سیٹھ کے منہ سے نکلنا تھا کہ تمام دکھ بے چین ہو گئے۔ اور اندھا دھند ایک دوسرے سے ٹکرانے لگے۔ اب تو وہ یہ نئی تکلیف بالکل نہ سہ سکا۔ اور اس کی آنکھوں میں جو پہلے ہی تپ رہی تھیں آنسو آ گئے جس سے ان کی گرمی اور بھی بڑھ گئی اور ان سے دُھواں نکلنے لگا۔ اُس کے جی میں آئی کہ اس گالی کو جسے وہ بڑے حد تک نگل چکا تھا۔ سیٹھ کے جھُریوں پڑے چہرے پر قے کر دے مگر وہ اس خیال سے باز آگیا کہ اس کا غرور تو فُٹ پاتھ پر پڑا ہے۔ اپولوبندر پر نمک لگی مونگ پھلی بیچنے والے کا غرور۔۔۔۔۔۔ اُس کی آنکھیں ہنس رہی تھیں۔ اور ان کے سامنے نمک لگی مونگ پھلی کے وہ تمام دانے جو اُس کے گھر میں ایک تھیلے کے اندر برکھا کے باعث گیلے ہو رہے تھے، ناچنے لگے۔ اس کی آنکھیں ہنسیں، اس کا دل بھی ہنسا، یہ سب کچھ ہُوا۔ پر وہ کڑواہت دُور نہ ہُوئی۔ جو اُس کے گلے میں سیٹھ کی گالی نے پیدا کر دی تھی۔ یہ کڑواہٹ اگر صرف زبان پر ہوتی تو وہ اسے تھوک دیتا مگر وہ تو بہت بُری طرح اس کے گلے میں اٹک گئی تھی۔ اور نکالے نہ نکلتی تھی۔ اور پھر ایک عجیب قسم کا دُکھ جو اُس گالی نے پیدا کر دیا تھا۔ اس کی گھبراہٹ کو اور بھی بڑھا رہا تھا۔ اُسے یوں محسوس ہوتا تھا کہ اس کی آنکھیں جو سیٹھ کے سامنے رونا فضول سمجھتی تھیں۔ اس کے سینے کے اندر اُتر کر آنسو بہا رہی ہیں۔ جہاں ہر چیز پہلے ہی سے سوگ میں تھی۔ سیٹھ نے اسے پھر گالی دی۔ اتنی ہی موٹی جتنی اُس کی چربی بھری گردن تھی۔ اور اُسے یوں لگا کہ کسی نے اُوپر سے اس پر کوڑا کرکٹ پھینک دیا ہے۔ چنانچہ اس کا ایک ہاتھ اپنے آپ چہرے کی حفاظت کے لیے بڑھا پر اس گالی کی ساری گرد اس پر پھیل چکی تھی۔۔۔۔۔ اب اس نے وہاں ٹھہرنا اچھا نہ سمجھا۔ کیونکہ کیا خبر تھی۔۔۔۔۔۔ کیا خبر تھی۔۔۔۔۔۔ اُسے کچھ خبر نہ تھی۔۔۔۔۔۔ وہ صرف اتنا جانتا تھا کہ ایسی حالتوں میں کسی بات کی سُدھ بُدھ نہیں رہا کرتی۔ وہ جب نیچے اترا تو اُسے ایسا محسوس ہوا کہ اس سنگین عمارت کی ساتوں منزلیں اُس کے کندھوں پر دھر دی گئی ہیں۔ ایک نہیں، دو گالیاں۔۔۔۔۔ بار بار یہ دو گالیاں جو سیٹھ نے بالکل پان کی پیک کے مانند اپنے منہ سے اُگل دی تھیں جو اُس کے کانوں کے پاس زہریلی بھڑوں کی طرح بھنبھنانا شروع کر دیتی تھیں اور وہ سخت بے چین ہو جاتا تھا۔ وہ کیسے اُس۔ اُس۔ اُس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اس گڑ بڑ کا نام کیا رکھے، جو اس کے دل میں اور دماغ میں ان گالیوں نے مچا رکھی تھی۔ وہ کیسے اس تپ کو دُور کر سکتا تھا۔ جس میں وہ پھنکا جا رہا تھا۔ کیسے؟ ۔۔۔۔۔ پر وہ سوچ بچار کے قابل بھی تو نہیں رہا تھا۔ اس کا دماغ تو اس وقت ایک ایسا اکھاڑہ بنا ہُوا تھا جس میں بہت سے پہلوان کشتی لڑ رہے ہوں۔ جو خیال بھی وہاں پیدا ہوتا۔ کسی دوسرے خیال سے جو پہلے ہی سے وہاں موجود ہوتا بھڑ جاتا۔ اور وہ کچھ سوچ نہ سکتا۔ چلتے چلتے جب ایکا ایکی اُس کے دُکھ قےَ کی صورت میں باہر نکلنے کو تھے اس کے جی میں آئی۔ جی میں کیا آئی، مجبوری کی حالت میں وہ اس آدمی کو روک کر جو لمبے لمبے ڈگ بھرتا اُس کے پاس سے گزر رہا تھا۔ یہ کہنے ہی والا تھا۔

’’بھیّا میں روگی ہوں‘‘

مگر جب اُس نے اُس راہ چلتے آدمی کی شکل دیکھی تو بجلی کا وہ کھمبا جو اس کے پاس ہی زمین میں گڑا تھا۔ اسے اس آدمی سے کہیں زیادہ حساس دکھائی دیا۔ اور جو کچھ وہ اپنے اندر سے باہر نکالنے والا تھا۔ ایک ایک گھونٹ کرکے پھر نگل گیا۔ فٹ پاتھ پر چوکور پتھر ایک ترتیب کے ساتھ جُڑے ہُوئے تھے۔ وہ ان پتھروں پر چل رہا تھا۔ آج تک کبھی اُس نے ان کی سختی محسوس نہ کی تھی۔ مگر آج ان کی سختی اس کے دل تک پہنچ رہی تھی۔ فٹ پاتھ کا ہر ایک پتھر جس پر اُس کے قدم پڑ رہے تھے۔ اُس کے دل کے ساتھ ٹکرا رہا تھا۔۔۔۔۔ سیٹھ کے پتھر کے مکان سے نکل کر ابھی وہ تھوڑی دُور ہی گیا ہو گا کہ اس کا بند بند ڈھیلا ہو گیا۔ چلتے چلتے اُس کی ایک لڑکے سے ٹکر ہوئی۔ اور اُسے یوں محسوس ہوا۔ کہ وہ ٹوٹ گیا ہے۔ چنانچہ اُس نے جھٹ اُس آدمی کی طرح جس کی جھولی سے بیر گر رہے ہوں۔ ادھر اُدھر ہاتھ پھیلائے اور اپنے آپ کو اکٹھا کر کے ہولے ہولے چلنا شروع کیا۔ اُس کا دماغ اس کی ٹانگوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی کے ساتھ چل رہا تھا چنانچہ کبھی کبھی چلتے چلتے اُسے یہ محسوس ہوتا تھا۔ کہ اس کا نچلا دھڑ سارے کا سارابہت پیچھے رہ گیا ہے۔ اور دماغ بہت آگے نکل گیا ہے۔ کئی بار اسے اس خیال سے ٹھہرنا پڑا کہ دونوں چیزیں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہو جائیں۔ وہ فٹ پاتھ پر چل رہا تھا جس کے اس طرف سڑک پر پوں پوں کرتی موٹروں کا تانتا بندھا ہوا تھا۔ گھوڑے گاڑیاں، ٹرالیں، بھاری بھرکم ٹرک، لاریاں یہ سب سڑک کی کالی چھاتی پر دندناتی ہوئی چل رہی تھیں۔ ایک شور مچا ہُواتھا۔ پر اس کے کانوں کو کچھ سنائی نہ دیتا تھا۔ وہ تو پہلے ہی سے شائیں شائیں کر رہے تھے۔ جیسے ریل گاڑی کا انجن زائد بھاپ باہر نکال رہا ہے۔ چلتے چلتے ایک لنگڑے کُتے سے اس کی ٹکر ہوئی۔ کُتے نے اس خیال سے کہ شاید اُس کا پیر کچل دیا گیا ہے۔

’’چاؤں‘‘

کیا اور پرے ہٹ گیا۔ اور وہ سمجھا کہ سیٹھ نے اُسے پھر گالی دی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گالی۔۔۔۔۔۔ گالی ٹھیک اسی طرح اُس سے اُلجھ کر رہ گئی تھی جیسے بیری کے کانٹوں میں کوئی کپڑا۔ وہ جتنی کوشش اپنے آپ کو چھڑانے کی کرتا تھا۔ اتنی ہی زیادہ اس کی روح زخمی ہوتی جا رہی تھی۔ اُسے اس نمک لگی مونگ پھلی کا خیال نہیں تھا جو اس کے گھر میں برکھا کے باعث گیلی ہو رہی تھی اور نہ اسے روٹی کپڑے کا خیال تھا۔ اس کی عمر تیس برس کے قریب تھی۔ اور ان تیس برسوں میں جن کے پرماتما جانے کتنے دن ہوتے ہیں۔ وہ کبھی بھُوکا نہ سویا تھا۔ اور نہ کبھی ننگا ہی پھرا تھا۔ اُسے صرف اس بات کا دُکھ تھا۔ کہ اُسے ہر مہینے کرایہ دینا پڑتا تھا۔ وہ اپنا اور اپنے بال بچوں کا پیٹ بھرے۔ اس بکرے جیسی داڑھی والے حکیم کی دوائیوں کے دام دے۔ شام کو تاڑی کی ایک بوتل کے لیے دوّئی پیدا کر لے۔ یا اس گنجے سیٹھ کے مکان کے ایک کمرے کا کرایہ ادا کرے۔ مکانوں اور کرایوں کا فلسفہ اس کی سمجھ سے سدا اونچا رہا تھا۔ وہ جب بھی دس روپے گن کر سیٹھ یا اس کے منیم کی ہتھیلی پر رکھتا تو سمجھتا تھا کہ زبردستی اس سے یہ رقم چھین لی گئی ہے۔ اور اب اگر وہ پانچ برس تک برابر کرایہ دیتے رہنے کے بعد صرف دو مہینے کا حساب چکتا نہ کر سکا تو کیا سیٹھ کو اس بات کا اختیار ہو گیا۔ کہ وہ اُسے گالی دے؟ سب سے بڑی بات تو یہ تھی جو اُسے کھائے جا رہی تھی۔ اُسے ان بیس روپوں کی پروا نہ تھی جو اُسے آج نہیں کل ادا کر دینے تھے۔ وہ ان دو گالیوں کی بابت سوچ رہا تھا۔ جو ان بیس روپوں کے بیچ میں سے نکلتی تھیں۔ نہ وہ بیس روپے کا مقروض ہوتا اور نہ سیٹھ کے کٹھالی جیسے منہ سے یہ گندگی باہر نکلتی۔ مان لیا وہ دھنوان تھا۔ اس کے پاس دو بلڈنگیں تھیں۔ جن کے ایک سو چوبیس کمروں کا کرایہ اس کے پاس آتا تھا۔ پر ان ایک سو چوبیس کمروں میں جتنے لوگ رہتے ہیں۔ اُس کے غلام تو نہیں اور اگر غلام بھی ہیں تو وہ انھیں گالی کیسے دے سکتا ہے؟‘‘

’’ٹھیک ہے اُسے کرایہ چاہیے۔ پر میں کہاں سے لاؤں پانچ برس تک اُس کو دیتا ہی رہا ہوں۔ جب ہو گا، دے دوں گا۔ حالانکہ مجھے اس سے کہیں زیادہ ہولناک گالیاں یاد ہیں۔ پر میں نے سیٹھ سے بار ہا کہا۔ کہ سیڑھی کا ڈنڈا ٹوٹ گیا ہے۔ اُسے بنوا دیجیے۔ پر میری ایک نہ سُنی گئی۔ میری پھول سی بچی گری۔ اس کا داہنا ہاتھ ہمیشہ کے لیے بیکار ہو گیا۔ میں گالیوں کے بجائے اسے بددعائیں دے سکتا تھا۔ پر مجھے اس کا دھیان ہی نہیں آیا۔۔۔۔۔۔ دو مہینے کا کرایہ نہ چکانے پر میں گالیوں کے قابل ہو گیا۔ اس کو یہ خیال تک نہ آیا۔ کہ اس کے بچے اپولوبندر پرمیرے تھیلے سے مٹھیاں بھر بھر کے مونگ پھلی کھاتے ہیں۔ ‘‘

اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کے پاس اتنی دولت نہیں تھی جتنی کہ اس دو بلڈنگوں والے سیٹھ کے پاس تھی۔ اور ایسے لوگ بھی ہوں گے جن کے پاس اس سے بھی زیادہ دولت ہو گی، پر وہ غریب کیسے ہو گیا۔۔۔۔۔ اسے غریب سمجھ کر ہی تو گالی دی گئی تھی۔ ورنہ اس گنجے سیٹھ کی کیا مجال تھی۔ کہ کرسی پر بڑے اطمینان سے بیٹھ کر اُسے دو گالیاں سُنا دیتا۔ گویا کسی کے پاس دھن دولت کا نہ ہونا بہت بُری بات ہے۔ اب یہ اس کا قصور نہیں تھا۔ کہ اس کے پاس دولت کی کمی تھی۔ سچ پوچھیے۔ تو اُس نے کبھی دھن دولت کے خواب دیکھے ہی نہ تھے وہ اپنے حال میں مست تھا۔ اُس کی زندگی بڑے مزے میں گزر رہی تھی۔ پر پچھلے مہینے ایکا ایکی اس کی بیوی بیمار پڑ گئی اور اس کے دوا دارو پر وہ تمام روپے خرچ ہو گئے جو کرایے میں جانے والے تھے۔ اگر وہ خود بیمار ہوتا تو ممکن تھا کہ وہ دواؤں پر روپیہ خرچ نہ کرتا لیکن یہاں تو اس کے ہونے والے بچے کی بات تھی جو ابھی اپنی ماں کے پیٹ ہی میں تھا۔ اس کو اولاد بہت پیاری تھی جو پیدا ہو چکی تھی اور جو پیدا ہونے والی تھی۔ سب کی سب اُسے عزیز تھی وہ کیسے اپنی بیوی کا علاج نہ کراتا؟ ۔۔۔۔۔۔کیا وہ اس بچے کا باپ نہ تھا؟ ۔۔۔۔۔۔ باپ پِتا۔۔۔۔۔۔۔ وہ تو صرف دو مہینے کے کرائے کی بات تھی۔ اگر اُسے اپنے بچے کے لیے چوری بھی کرنا پڑتی تو وہ کبھی نہ چوکتا۔۔۔۔۔۔۔ چوری۔ نہیں نہیں وہ چوری کبھی نہ کرتا۔۔۔۔۔ یوں سمجھئے کہ وہ اپنے بچے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی کرنے کے لیے تیار تھا۔ مگر وہ چور کبھی نہ بنتا۔۔۔۔۔ وہ اپنی چھِنی ہُوئی چیز واپس لینے کے لیے لڑ مرنے کو تیار تھا۔ پر وہ چوری نہیں کر سکتا تھا۔ اگر وہ چاہتا تو اس وقت جب سیٹھ نے اُسے گالی دی تھی۔ آگے بڑھ کر اس کا ٹینٹوا دبا دیتا اور اس کی تجوری میں سے وہ تمام نیلے اور سبز نوٹ نکال کر بھاگ جاتا۔ جن کو وہ آج تک لاجونتی کے پتّے سمجھا کرتا تھا۔۔۔۔۔ نہیں نہیں وہ ایسا کبھی نہ کرتا۔ لیکن پھر سیٹھ نے اسے گالی کیوں دی؟ ۔۔۔۔۔۔ پچھلے برس چوپاٹی پر ایک گاہک نے اُسے گالی دی تھی۔ اس لیے کہ دو پیسے کی مونگ پھلی میں چار دانے کڑوے چلے گئے تھے۔ اور اس کے جواب میں اس کی گردن پر ایسی دُھول جمائی تھی کہ دُور بنچ پر بیٹھے آدمیوں نے بھی اس کی آواز سُن لی تھی۔ مگر سیٹھ نے اُسے دو گالیاں دیں اور وہ چپ رہا۔۔۔۔۔۔ کیشو لال کھاری سینگ والا۔ جس کی بابت یہ مشہور تھا۔ کہ وہ ناک پر مکھی بھی نہیں بیٹھنے دیتا۔۔۔۔ سیٹھ نے ایک گالی دی اور وہ کچھ نہ بولا۔۔۔۔۔۔۔۔ دوسری گالی دی تو بھی خاموش رہا جیسے وہ مٹی کا پُتلا ہے۔۔۔۔۔۔ پر مٹی کا پتلا کیسے ہُوا۔ اس نے ان دو گالیوں کو سیٹھ کے تھوک بھرے منہ سے نکلتے دیکھا جیسے دو بڑے بڑے چوہے موریوں سے باہر نکلتے ہیں۔ وہ جان بوجھ کر خاموش رہا۔ اس لیے کہ وہ اپنا غرور نیچے چھوڑ آیا تھا۔۔۔۔۔ مگر اُس نے اپنا غرور اپنے سے الگ کیوں کیا؟ سیٹھ سے گالیاں لینے کے لیے؟ یہ سوچتے ہوئے اُسے ایکا ایکی خیال آیا کہ شاید سیٹھ نے اُسے نہیں کسی اور کو گالیاں دی تھیں۔۔۔۔۔۔ نہیں، نہیں، گالیاں اُسے ہی دی گئی تھیں۔ اس لیے کہ دو مہینے کا کرایہ اُسی کی طرف نکلتا تھا۔ اگر اسے گالیاں نہ دی گئی ہوتی تو اس سوچ بچار کی ضرورت ہی کیا تھی۔ اور یہ جو اس کے سینے میں ہُلّڑ سا مچ رہا تھا۔ کیا بغیر کسی وجہ کے اُسے دُکھ دے رہا تھا؟ اُسی کو دو گالیاں دی گئی تھیں۔ جب اُس کے سامنے ایک موٹر نے اپنے ماتھے کی بتیاں روشن کیں۔ تو اُسے معلوم ہوا کہ وہ دو گالیاں پگھل کر اس کی آنکھوں میں دھنس گئی ہیں۔۔۔۔۔۔ گالیاں۔۔۔۔۔۔ گالیاں۔ وہ جھنجھلا گیا۔۔۔۔۔۔ وہ جتنی کوشش کرتا تھا۔ کہ ان گالیوں کی بابت نہ سوچے اتنی ہی شدت سے اُسے ان کے متعلق سوچنا پڑتا تھا۔ اور یہ مجبوری اسے بہت چڑچڑا بنا رہی تھی۔ چنانچہ اسی چڑچڑے پن میں اُس نے خواہ مخواہ دو تین آدمیوں کو جو اس کے پاس سے گزر رہے تھے۔ دل ہی دل میں گالیاں دیں۔

’’یوں اکڑ کے چل رہے ہیں جیسے ان کے باوا کا راج ہے!‘‘

اگر اس کا راج ہوتا تو وہ سیٹھ کو مزا چکھا دیتا جو اُسے اوپر تلے دو گالیاں سُنا کر اپنے گھر میں یوں آرام سے بیٹھا تھا جیسے اُس نے اپنی گدے دار کرسی میں سے وہ کھٹمل نکال کر باہر پھینک دیے ہیں۔۔۔۔۔ سچ مچ اگر اس کا اپنا راج ہوتا تو چوک میں بہت سے لوگوں کو اکٹھا کرکے سیٹھ کو بیچ میں کھڑا کر دیتا۔ اور اس کی گنجی چندیا پر اس زور سے دھپّا مارتا کہ بِلبلا اُٹھتا، پھر وہ سب لوگوں سے کہتا کہ ہنسو، جی بھر کر ہنسو اور خود اتنا ہنستا کہ ہنستے ہنستے ہنستے اُس کا پیٹ دُکھنے لگتا پر اس وقت اُسے بالکل ہنسی نہیں آتی تھی۔ کیوں؟۔ وہ اپنے راج کے بغیر بھی تو سیٹھ کے گنجے سر پر دھپّا مار سکتا تھا۔ اسے کس بات کی رکاوٹ تھی؟ ۔۔۔۔۔۔ رکاوٹ تھی۔۔۔۔۔۔۔ رکاوٹ تھی تو وہ گالیاں سُن کر خاموش ہو رہا۔ اُس کے قدم رُک گئے۔ اس کا دماغ بھی ایک دو پل کے لیے سستایا اور اس نے سوچا کہ چلو ابھی اس جھنجھٹ کا فیصلہ ہی کر دوں۔۔۔۔۔۔ بھاگا ہُوا جاؤں اور ایک ہی جھٹکے میں سیٹھ کی گردن مروڑ کر اس تجوری پر رکھ دوں۔ جس کا ڈھکنا مگر مچھ کے منہ کی طرح کھلتا ہے۔۔۔۔۔۔ لیکن وہ کھمبے کی طرح زمین میں کیوں گڑ گیا تھا؟ سیٹھ کے گھر کی طرف پلٹا کیوں نہیں تھا؟ ۔۔۔۔۔ کیا اس میں جرأت نہ تھی؟ اس میں جرأت نہ تھی۔۔۔۔۔ کتنے دُکھ کی بات ہے کہ اس کی ساری طاقت سرد پڑ گئی تھی۔۔۔۔ یہ گالیاں۔۔۔۔۔ وہ ان گالیوں کو کیا کہتا۔۔۔۔۔ ان گالیوں نے اس کی چوڑی چھاتی پر رولر سا پھیر دیا تھا۔۔۔۔ صرف دو گالیوں نے۔۔۔۔ حالانکہ پچھلے ہندو مُسلم فساد میں ایک ہندو نے اُسے مسلمان سمجھ کر لاٹھیوں سے بہت پِیٹا تھا اور آدھ مُوا کر دیا تھا اور اُسے اتنی کمزوری محسوس نہ ہُوئی تھی۔ جتنی کہ اب ہو رہی تھی۔۔۔۔۔۔۔ کیشولال کھاری سینگ والا جو دوستوں سے بڑے فخر کے ساتھ کہا کرتا تھا۔ کہ وہ کبھی بیمار نہیں پڑا۔ آج یوں چل رہا تھا جیسے برسوں کا روگی ہے۔۔۔۔۔۔ اور یہ روگ کس نے پیدا کیا تھا؟ ۔۔۔۔۔ دو گالیوں نے! گالیاں۔۔۔۔۔ گالیاں۔۔۔۔۔۔۔ کہاں تھیں وہ دو گالیاں؟ اس کے جی میں آئی۔ کہ اپنے سینے کے اندر ہاتھ ڈال کر وہ ان دو پتھروں کو جو کسی حیلے گلتے ہی نہ تھے۔ باہر نکال لے اور جو کوئی بھی اُس کے سامنے آئے اُس کے سر پر دے مارے، پر یہ کیسے ہو سکتا تھا۔۔۔۔۔ اُس کا سینہ مُربے کا مرتبان تھوڑی تھا۔ ٹھیک ہے۔ لیکن پھر کوئی اور ترکیب بھی تو سمجھ میں آئے جس سے یہ گالیاں دُور دفان ہوں۔۔۔۔ کیوں نہیں کوئی شخص بڑھ کر اُسے دُکھ سے نجات دلانے کی کوشش کرتا؟ کیا وہ ہمدردی کے قابل نہ تھا؟ ۔۔۔۔۔ ہو گا۔ پر کسی کو اس کے دل کے حال کا کیا پتہ تھا۔ وہ کھلی کتاب تھوڑی تھا۔ اور نہ اُس نے اپنا دل باہر لٹکا رہا تھا۔ اندر کی بات کسی کو کیا معلوم؟ نہ معلوم ہو!۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر ماتما کرے کسی کو معلوم نہ ہو۔۔۔۔۔ اگر کسی کو اندر کی بات کا پتہ چل گیا۔ تو کیشولال کھاری سینگ والے کے لیے ڈوب مرنے کی بات تھی۔۔۔۔۔ گالیاں سُن کر خاموش رہنا معمولی بات تھی کیا؟ معمولی بات نہیں بہت بڑی بات ہے ۔۔۔۔۔۔ ہمالیہ پہاڑ جتنی بڑی بات ہے۔ اس سے بھی بڑی بات ہے۔ اُس کا غرور مٹی میں مل گیا ہے۔ اُس کی ذلّت ہُوئی ہے۔ اس کی ناک کٹ گئی ہے۔۔۔۔۔ اس کا سب کچھ لُٹ گیا ہے چلو بھئی چھٹی ہوئی۔ اب تو یہ گالیاں اُس کا پیچھا چھوڑ دیں۔۔۔۔۔۔۔ وہ کمینہ تھا۔ رذیل تھا۔ نیچ تھا۔ گندگی صاف کرنے والا بھنگی تھا، کُتّا تھا۔۔۔۔۔۔ اُس کو گالیاں ملنا ہی چاہیے تھیں۔ نہیں نہیں، کسی کی کیا مجال تھی کہ اسے گالیاں دے اور پھر بغیر کسی قصور کے، وہ اسے کچا نہ چبا جاتا۔۔۔۔۔اماں ہٹاؤ یہ سب کہنے کی باتیں ہیں۔۔۔۔۔۔ تم نے تو سیٹھ سے یُوں گالیاں سنیں۔ جیسے میٹھی میٹھی بولیاں تھیں۔

’’میٹھی میٹھی بولیاں تھیں، بڑے مزے دار گھونٹ تھے، چلو یہی سہی۔۔۔۔۔ اب تو میرا پیچھا چھوڑ دو ورنہ سچ کہتا ہُوں۔ دیوانہ ہو جاؤں گا۔۔۔۔۔ یہ لوگ جو بڑے آرام سے ادھر اُدھر چل پھر رہے ہیں۔ میں ان میں سے ہر ایک کا سر پھوڑ دوں گا بھگوان کی قسم مجھے اب زیادہ تاب نہیں رہی۔ میں ضرور دیوانے کُتّے کی طرح سب کو کاٹنا شروع کر دوں گا۔ لوگ مجھے پاگل خانے میں بند کر دیں گے۔ اور میں دیواروں کے ساتھ اپنا سر ٹکرا ٹکرا کر مر جاؤں گا۔۔۔۔۔۔مر جاؤں گا۔ سچ کہتا ہوں، مر جاؤں گا۔۔۔۔ مر جاؤں گا۔ سچ کہتا ہوں، مر جاؤں گا۔ اور میری رادھا ودھوا اور میرے بچے اناتھ ہو جائیں گے۔۔۔۔۔۔ یہ سب کچھ اس لیے ہو گا کہ میں نے سیٹھ سے دو گالیاں سُنیں اور خاموش رہا۔ جیسے میرے منہ پر تالا لگا ہُوا تھا۔ میں لُولا، لنگڑا، اپاہج تھا۔۔۔۔۔پر ماتما کرے میری ٹانگیں اس موٹر کے نیچے آکر ٹوٹ جائیں، میرے ہاتھ کٹ جائیں۔۔۔۔۔۔ میں مر جاؤں تاکہ یہ بک بک تو ختم ہو ۔۔۔۔۔ توبہ ۔۔۔۔۔۔۔ کوئی ٹھکانہ ہے اس دُکھ کا۔۔۔۔ کپڑے پھاڑ کر ننگا ناچنا شروع کر دوں۔۔۔۔۔ اس ٹرام کے نیچے سر دے دوں، زور زور سے چلانا شروع کر دوں۔۔۔۔۔ کیا کروں کیا نہ کروں؟‘‘

یہ سوچتے ہوئے اُسے ایکا ایکی خیال آیا کہ بازار کے بیچ کھڑا ہو جائے، اور سب ٹریفک کو روک کر جو اس کی زبان پر آئے بکتا چلا جائے۔ حتیٰ کہ اس کا سینہ سارے کا سارا خالی ہو جائے۔ یا پھر اس کے جی میں آئی کہ کھڑے کھڑے یہیں سے چلانا شروع کر دے۔

’’مجھے بچاؤ۔۔۔۔ مجھے بچاؤ!‘‘

اتنے میں ایک آگ بُجھانے والا انجن سڑک پر ٹن ٹن کرتا آیا اور اُدھر اس موڑ میں گُم ہو گیا۔ اس کو دیکھ کر وہ اونچی آواز میں کہنے ہی والا تھا۔

’’ٹھہرو۔۔۔۔۔ میری آگ بُجھاتے جاؤ۔ ‘‘

مگر نہ جانے کیوں رک گیا۔ ایکا ایکی اُس نے اپنے قدم تیز کر دیے۔ اُسے ایسا محسوس ہوا تھا کہ اس کی سانس رُکنے لگی ہے اور اگر وہ تیز نہ چلے گا تو بہت ممکن ہے کہ وہ پھٹ جائے۔ لیکن جونہی اس کی رفتار بڑھی۔ اُس کا دماغ آگ کا ایک چکر سا بن گیا۔ اس چکر میں اس کے سارے پرانے اور نئے خیال ایک ہار کی صورت میں گندھ گئے۔۔۔۔۔۔ دو مہینے کا کرایہ، اس کا پتھر کی بلڈنگ میں درخواست لے کر جانا۔۔۔۔۔۔ سات منزلوں کے ایک سوبارہ زینے، سیٹھ کی بھدّی آواز، اس کے گنجے سر پر مسکراتا ہوا بجلی کا لیمپ اور۔۔۔۔۔ یہ موٹی گالی۔۔۔۔۔ پھر دوسری۔۔۔۔۔ اور اس کی خاموشی۔۔۔۔۔ یہاں پہنچ کر آگ کے اس چکر میں تڑ تڑ گولیاں سی نکلنا شروع ہو جاتیں اور اسے ایسا محسوس ہوتا کہ اس کا سینہ چھلنی ہو گیا ہے۔ اس نے اپنے قدم اور تیز کیے اور آگ کا یہ چکر اتنی تیزی سے گھومنا شروع ہُوا۔ کہ شعلوں کی ایک بہت بڑی گیند سی بن گئی۔ جو اس کے آگے آگے زمین پر اُچھلنے کودنے لگی۔ وہ اب دوڑنے لگا۔ لیکن فوراً ہی خیالوں کی بھیڑ بھاڑ میں ایک نیا خیال بلند آواز میں چلایا۔

’’تم کیوں بھاگ رہے ہو؟ کس سے بھاگ رہے ہو؟ تم بزدل ہو!‘‘

اُس کے قدم آہستہ آہستہ اُٹھنے لگے۔ بریک سی لگ گئی۔ اور وہ ہولے ہولے چلنے لگا۔۔۔۔۔ وہ سچ مچ بزدل تھا۔۔۔۔۔۔۔ بھاگ کیوں رہا تھا؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔ اُسے تو انتقام لینا تھا۔۔۔۔ انتقام۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ سوچتے ہُوئے اُسے اپنی زبان پر لہو کا نمکین ذائقہ محسوس ہُوا۔ اور اس کے بدن میں ایک جھرجھری سی پیدا ہُوئی۔ لہو۔۔۔۔۔ اُسے آسمان زمین سب لہو ہی میں رنگے ہُوئے نظر آنے لگے۔۔۔۔۔۔۔ لہو۔۔۔۔۔۔۔ اس وقت اس میں اتنی قوت تھی کہ پتھر کی رگوں میں سے بھی لہو نچوڑ سکتا تھا۔ اُس کی آنکھوں میں لال ڈورے اُبھر آئے۔ مٹھیاں بھنچ گئیں۔ اور قدموں میں مضبوطی پیدا ہو گئی۔۔۔۔۔ اب وہ انتقام پر تُل گیا تھا! وہ بڑھا۔ آنے جانے والے لوگوں میں سے تیر کے مانند اپنا راستہ بناتا۔ آگے بڑھتا رہا۔ آگے۔۔۔۔۔۔ آگے! جس طرح تیز چلنے والی ریل گاڑی چھوٹے چھوٹے اسٹیشنوں کو چھوڑ جایا کرتی ہے۔ اسی طرح وہ بجلی کے کھمبوں، دوکانوں اور لمبے لمبے بازاروں کو اپنے پیچھے چھوڑتا آگے بڑھ رہا تھا۔ آگے۔۔۔۔۔۔ آگے۔۔۔۔۔۔ بہت آگے! راستے میں ایک سینما کی رنگین بلڈنگ آئی۔ اُس نے اس کی طرف آنکھ اُٹھا کر بھی نہ دیکھا۔ اور اس کے پاس سے بے پرواہ، ہَوا کے مانند بڑھ گیا۔ وہ بڑھتا گیا۔ اندر ہی اندر اُس نے اپنے ہر ذّرے کو ایک بم بنا لیا تھا۔ تاکہ وقت پر کام آئے مختلف بازاروں سے زہریلے سانپ کے مانند پھنکارتا ہوا وہ اپولوبندر پہنچا۔۔۔۔۔۔۔ اپولوبندر۔۔۔۔ گیٹ وے آف انڈیا کے سامنے بے شمار موٹریں قطار اندر قطار کھڑی تھیں۔ ان کو دیکھ کر اس نے یہ سمجھا کہ بہت سے گدھ ’پر‘ جوڑے کسی کی لاش کے ارد گرد بیٹھے ہیں۔ جب اُس نے خاموش سمندر کی طرف دیکھا۔ تو اُسے یہ ایک لمبی چوڑی لاش معلوم ہُوئی۔۔۔۔۔۔ اس سمندر کے اُس طرف ایک کونے میں لال لال روشنی کی لکیریں ہولے ہولے بل کھا رہی تھیں۔ یہ ایک عالی شان ہوٹل کی پیشانی کا برقی نام تھا۔ جس کی لال روشنی سمندر کے پانی میں گُدگُدی پیدا کر رہی تھی۔ کیشولال کھاری سینگ والا اُس عالی شان ہوٹل کے نیچے کھڑا ہو گیا۔ اس برقی بورڈ کے عین نیچے قدم گاڑ کر اُس نے اوپر دیکھا۔۔۔۔۔ سنگین عمارت کی طرف جس کے روشن کمرے چمک رہے تھے اور۔۔۔۔۔۔۔ اس کے حلق سے ایک نعرہ۔۔۔۔۔۔ کان کے پردے پھاڑ دینے والا نعرہ پگھلے ہُوئے گرم گرم لاوے کے مانند نکلا۔

’’ہت تیری۔۔۔۔۔۔۔ !‘‘

جتنے کبوتر ہوٹل کی منڈیروں پر اُونگھ رہے تھے ڈر گئے اور پھڑپھڑانے لگے۔ نعرہ مار کر جب اس نے اپنے قدم زمین سے بڑی مشکل کے ساتھ علیحدہ کیے اور واپس مڑا۔ تو اُسے اس بات کا پورا یقین تھا۔ کہ ہوٹل کی سنگین عمارت اڑا اڑا دھم نیچے گر گئی ہے۔ اور یہ نعرہ سُن کر ایک شخص نے اپنی بیوی سے جو یہ شور سن کر ڈر گئی تھی۔ کہا۔

’’پگلا ہے!‘‘

سعادت حسن منٹو

نُطفہ

’’معلوم نہیں بابو گوپی ناتھ کی شخصیت در حقیقت ایسی ہی تھی جیسی آپ نے افسانے میں پیش کی ہے، یا محض آپ کے دماغ کی پیداوار ہے، پر میں اتنا جانتا ہوں کہ ایسے عجیب وغریب آدمی عام ملتے ہیں۔ میں نے جب آپ کا افسانہ پڑھا تو میرا دماغ فوراً ہی اپنے ایک دوست کی طرف منتقل ہو گیا۔ صادقے کی طرف۔ آپ کے بابو گوپی ناتھ اور اس میں بظاہر کوئی مماثلت نہیں ہے۔ لیکن میں ایسا محسوس کرتا ہوں کہ ان دونوں کا خمیر ایک ہی مٹی سے اٹھا ہے۔ آپ کے بابو گوپی ناتھ کو دولت وراثت میں ملی ہے۔ میرے صادقے کو اپنی محنت و مشقت اور ذہانت کے صلے میں۔ دونوں شاہ خرچ تھے۔ آپ کا بابو گوپی ناتھ بظاہر بدھو تھا۔ لیکن دراصل بہت ہوشیار اور باخبر آدمی تھا۔ میرا صادق اندر باہر سے بالکل ایک جیسا تھا۔ وہ بدھو تھا نہ چالاک۔ درمیانے درجے کی عقل و فہم کا آدمی تھا۔ اپنے کاموں میں آٹھوں گانٹھ ہوشیار۔ حسب کا پکا۔ لیکن دین کے معاملے میں بڑا با اصول۔ آپ کے بابو گوپی ناتھ کو لُٹ جانے میں مزا آتا ہے۔ اسے دوسروں کو لوٹنے میں۔ بابو صاحب کو پیروں فقیروں کے تکیوں اور رنڈیوں کے کوٹھوں سے رغبت تھی۔ صادق کو ان سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ مگر ان تمام تفاوتوں کے باوجود میں جب بھی بابو گوپی ناتھ کو صادق کے ساتھ کھڑا کرتا ہوں تو مجھے ان کے خدوخال ایک جیسے نظر آتے ہیں، جیسے وہ جڑواں ہیں۔ میں تجزیہ نہیں کرنا چاہتا۔ ہو سکتا ہے آپ، جب صادق کا حال مجھ سے سنیں تو اس کو انسانوں کی کسی اور ہی صف میں کھڑا کردیں۔ جس میں بابو گوپی ناتھ کی مونچھ کا ایک بال بھی نہ آسکا ہو، لیکن میں سمجھوں گا کہ آپ کے تجزیے میں غلطی ہوئی ہے اورمیں آپ سے درخواست کروں گا کہ اسے اس صف سے نکال کر اس صف میں شامل کردیجیے جس میں آپ کا بابو گوپی ناتھ موجود ہے۔ میں افسانہ نگار نہیں۔ معلوم نہیں بابو گوپی ناتھ کے حالات آپ نے من و عن بیان کیے ہیں ان میں کچھ رد و بدل کیا ہے۔ بہر حال جو کچھ بھی ہے بہت خوب ہے۔ اور کچھ اس افسانے میں ہے۔ اگر اس کے مطابق بابو گوپی ناتھ نہیں چلا تو لعنت ہے اس پر۔ اور اگر وہ ایسا ہی تھا جیسا کہ افسانے میں ہے تو اس پر خدا کی رحمت ہو۔ یقین مانیے ایسے لوگ پرستش کے قابل ہوتے ہیں۔ اور صادق کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں ہوتا ہے۔ اس سے میری ملاقات دلی میں ہوئی۔ جنگ کا زمانہ تھا۔ ٹھیکیداریاں بڑے زوروں پر تھیں۔ صادقے کی پانچوں گھی میں تھیں اور سر محاورے کے مطابق کڑاہے میں۔ میل ملاپ اور اثر رسوخ کافی تھا اور شاہ خرچ تھا ہی۔ دس بیس پرتکلف دعوتیں کرتا اور ایک کنٹریکٹ اپنی جیب میں ڈال لیتا۔ ایک بات ہے۔ بے شک اس نے بہت کمایا۔ دونوں ہاتھوں سے گورنمنٹ کا مال لوٹا۔ لیکن اس میں اس نے ان لوگوں کو برابر کا حصہ دیا جن کے ذریعے سے اس کو اس لوٹ کے مواقع بہم پہنچے تھے۔ اسی دوران میں اس کا گزر ان وادیوں میں ہوا جن کا بابو گوپی ناتھ ایک بہت بڑا زائر تھا۔ لیکن وہ ان میں بھٹکا نہیں۔ دوسروں کے ساتھ محض رواداری کی خاطر جاتا رہا اور واپس گھر آکر اپنے جوتوں کی گرد جھاڑ کر بیٹھ جاتا رہا۔ اس نے بوتل سے بھی تعارف حاصل کیا۔ مگر معانقے کی نوبت نہ آنے دی۔ ایک دو گھونٹ پی۔ صرف دوسروں کا ساتھ دینے کے لیے۔ ان کوٹھوں پر جہاں آپ کے بابو گوپی ناتھ کے قول کے مطابق دھوکا ہی دھوکا ہوتا ہے۔ صادقے نے خود کو دھوکا دینے کی کبھی کوشش نہ کی۔ ایک دو بار اسے اپنے ساتھیوں کی خوشی کے لیے رنڈیوں کا منہ چومنا پڑا تھا اور چند واہیات حرکتیں بھی کرنا پڑی تھیں، مگر اس نے ان سے کوئی لطف حاصل نہیں کیا تھا۔ وہ رنڈی کے متعلق کبھی سوچ ہی نہیں سکتا تھا۔ لیکن اگر ملٹری کے نوجوانوں کے لیے رنڈیاں فراہم کرنے کا ٹھیکہ اسے مل جاتا تو وہ یقیناً ان کے متعلق بڑے غور و فکر سے سوچنا شروع کردیتا۔ وہ کاروباری آدمی تھا۔ لیکن ایک دم حالات نے کچھ ایسا پلٹا کھایا کہ صادق وہ صادق ہی نہ رہا جنگ ختم ہوئی تو ٹھیکے بھی ختم ہو گئے۔ پھر مقدموں کا کچھ ایسا تانتا بندھا کہ صادق کچہریوں کے چکر میں پھنس گیا۔ جو دولت پیدا کی تھی، سب مقدموں کی نذر ہو گئی موٹر کے بجائے اب صادق ٹانگے پر ہوتا تھا یا سائیکل پر۔ پہلے نئے سا نیا سوٹ اس کے بدن پر ہوتا ہے۔ اب اسے کپڑوں سے کوئی دلچسپی ہی نہیں رہتی تھی پہلے اس کے خوشامدی دوست اسے نواب صاحب کہہ کر پکارتے تھے۔ اب وہ صرف

’’صادقا‘‘

’’اوئے صادقا۔ ‘‘

رہ گیا تھا۔ مگر ان کی اس تبدیلی تخاطب کو صادق نے قطعاً محسوس نہیں کیا تھا۔ اس کو اپنے مقدموں کی اتنی فکر تھی کہ وہ ایسی فروعات کے بارے میں سوچ ہی نہیں سکتا تھا۔ کچہریوں کے اس چکر میں اس نے اپنی مرضی سے بوتل کی طرف ہاتھ بڑھایا اور تھوڑے ہی عرصے میں بڑے دھڑلے کا شرابی بن گیا۔ اسی دوران میں اس کی ملاقات سرحد کے ایک خان سے ہوئی جس کو وہاں کی حکومت نے صوبہ بدر کر رکھا تھا۔ یہ ملاقات رنڈی کے ایک کوٹھے پر ہوئی۔ زندگی میں صادق پہلی مرتبہ کسی انسان کے خلوص سے متاثر ہوا۔ یہ خان اپنے علاقے کا بہت بڑا رئیس تھا۔ بالکل ان پڑھ مگر جاہل نہیں تھا۔ اس کا دل و دماغ قوم کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح روشن تھا۔ وہ ایک بہت بڑا انقلاب چاہتا تھا جو ظلم و ستم کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے۔ وہ چاہتا تھا کہ سرمائے کی لعنت سے دنیا آزاد ہو جائے۔ دنیا آزاد نہ ہو تو کم از کم اس کا صوبہ آزاد ہو جائے۔ ان خیالات کی پاداش میں وہ اپنے وطن سے باہر نکال دیا گیا۔ میں آپ کی طرح افسانہ نگار نہیں ہوں۔ مجھ سے حاشیہ آرائی نہیں ہوتی۔ خان کا کیریکٹر بھی کم دلچسپ نہیں۔ کسی زمانے میں وہ بڑا پرجوش سرخ پوش تھا۔ اس تحریک سے وابستہ ہو کر اس نے کئی مرتبہ جیل دیکھی۔ اپنی جائیداد میں سے ہزاروں روپے خرچ کیے۔ جب بٹوارہ ہوا تو وہ مسلم لیگی بن گیا۔ قائداعظم محمد علی جناح سے اس کو والہانہ عشق ہو گیا۔ مسلم لیگ کی تنظیم کے لیے اس نے قابل قدر خدمات سرانجام دیں، لیکن پھر کچھ ایسے حالات ہوئے کہ وہ جو تعلیم یافتہ تھے، اس سے آگے بڑھ گئے اور بڑے بڑے منصبوں پر جا بیٹھے۔ خان جھنجھلا گیا۔ اس جھنجھلاہٹ میں اس نے اپنے غیض و غضب کا بڑا خام مظاہرہ کیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ آپ کو کان سے پکڑ کر باہر نکال دیا گیا۔ جس زمانے میں صادق کی ان سے ملاقات ہوئی، آپ کی حالت بالکل بچوں کی سی تھی۔ ان بچوں کی سی جن کو معمولی سی شرارت پر سخت گیر ماسٹر نے بنچ پر کھڑا کردیا ہویا مرغا بنا کر کلاس کے ایک کونے میں کان پکڑنے کا حکم دے دیا ہو۔ صادق جب بھی مجھ سے ان کی بات کرتا تو کہتا۔

’’بڑا بیبا آدمی ہے۔ ‘‘

کچھ میں بھی اس خان کے متعلق جانتا ہوں۔ یہ واقع ہے کہ صرف

’’بیبا‘‘

ہی ایک ایسا لفظ ہے جو اس کی شخصیت کو پورے طور پر اپنے اندر سمیٹ لیتا ہے۔ وطن سے دور تھا۔ سینکڑوں میل دور۔ مگر وطن کی یاد اسے کبھی نہیں ستاتی تھی۔ اپنے گاؤں میں ایک چھوڑ دو بیویاں تھیں، مگر ان کے متعلق اس نے کبھی تردو کا اظہار نہیں کیا تھا۔ اس لیے کہ اس کو اس طرف سے کامل یقین تھا کہ زمینداری سے جو کچھ وصول ہوتا ہے، ان کے اخراجات کے لیے کافی سے زیادہ ہے۔ سات آٹھ سو روپیہ ماہوار اس کا منیجر وہاں سے روانہ کردیتا تھا۔ جواس کی واکسہال موٹر کے پٹرول اور اس کی شراب پر اٹھ جاتا تھا۔ گھر اس کا ہیرا منڈی کے ایک کوٹھے پر تھا۔ صوبہ بدر ہونے کے بعد اس نے کچھ دیر اس منڈی کے مختلف کوٹھوں پر جھک ماری۔ آخر کار ایک کوٹھا منتخب کرکے وہاں مستقل طور پر اپنے ڈیرے جما دیے۔ ڈیڑھ دو مہینے کے بعد خان صاحب کو محسوس ہوا کہ آپ کو اس کوٹھے کی رنڈی سے عشق ہو گیا ہے۔ آپ نے صادق کو اس راز سے بڑے بیبے پن کے ساتھ آگاہ کیا۔

’’صادق۔ وہ رنڈی جس کے کوٹھے پر تم سے پہلی ملاقات ہوئی تھی، ہمارے دل کے اندر گھس گئی ہے۔ اس کو بدر کرنے کی کوئی ترکیب تمہارے دماغ کے اندر آتی ہو تو ہم کو بتاؤ۔ ‘‘

صادق نے اس کو بہت سی ترکیبیں بتائیں۔ جن پر خان صاحب نے عمل بھی کیا مگر وہ اپنے دل کے اندر سے اس رنڈی کو

’’شہر بدر‘‘

نہ کرسکے۔ آخر کار انھوں نے ایک بار پھر اسی بیبے پن کے ساتھ صادق سے کہا۔

’’صادق۔ وہ رنڈی ہم پر سوار ہو گئی ہے۔ ہم اس کو اپنی بیوی بنالے گا۔ ‘‘

صادق نے ان کو بہت سمجھایا بجھایا۔ مگر خان صاحب عشق کے ہاتھوں مجبور تھے۔ رنڈی کو بھی وہ پسند آگئے تھے۔ چنانچہ ایک دن وہ میاں بیوی بن گئے۔ رنڈی کے گھر والوں کو یہ رشتہ بالکل پسند نہ آیا۔ بڑی گڑ بڑ ہوئی۔ آخر سمجھوتہ ہو گیا۔ رنڈی وہیں کوٹھے پر رہی اور خان صاحب اس کے شوہر کی حیثیت سے اس کے ساتھ رہنے لگے۔ صادق نے مجھ سے کہا۔

’’خان عجیب و غریب آدمی ہے۔ اتنے اونچے گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔ اخباری اور سیاسی دنیا میں نام رکھتا ہے، لیکن اسے کبھی اتنا خیال نہیں آتا کہ وہ ایک بدنام محلے میں رہتا ہے۔ ایک رنڈی جس کے ہزاروں گاہک تھے، اس کی بیوی ہے۔ مجھے بعض اوقات حیرت ہوتی ہے کہ پٹھان ہو کر اس کی غیرت کہاں سو رہی ہے۔ سرحد میں دو بیویاں پڑی ہیں۔ اولاد موجود ہے مگر وہ کس اطمینان سے ہیرا منڈی کے کوٹھے میں ایک چچوڑی ہوئی ہڈی چوستا رہتا ہے۔ اس سے اس بارے میں کچھ کہتا ہوں تو اس کے بے ریا چہرے پر بیبی سی مسکراہٹ پیدا ہوتی ہے اور وہ مجھ سے کہتا ہے۔ صادق۔ وہ لوگ ادھر راضی خوشی ہے۔ ہمیں کوئی تردد نہیں۔ اور یہ رنڈی بہت اچھا ہے۔ ہم سے محبت کرتا ہے۔ جو عورت ادھر ہوتا ہے نا، محبت کرنا نہیں جانتا۔ ناز نخرہ نہیں جانتا۔ اور مجھے یقین آجاتا ہے۔ مجھے اس کی ہر بات کا یقین آجاتا ہے۔ ‘‘

اور یہ واقعہ ہے کہ صادق جس کو پہلے کسی بات کا یقین نہیں آتا تھا، اب اس خان کے کہنے پر چلتا تھا۔ جب وہ مقدموں سے فارغ ہوا تو اس کے کہنے پر اس نے ملٹری کی چھوڑی ہوئی بارکیں ڈھانے اور ان کا ملبہ اٹھوانے کا ٹھیکہ لے لیا۔ اس کام سے اسے نفرت تھی، مگر خان صاحب کے مشورے کو وہ کیسے ٹال سکتا تھا، چنانچہ ایک برس تک وہ کمہاروں اور ان کے گدھوں اور ملبے کے دھول غبارمیں پھنسا رہا۔ لیکن اس میں اس نے کافی کمایا۔ خوشامدی دوست یار، پھر اس کے گرد جمع ہو گئے۔ میرا خیال تھا کہ وہ انھیں منہ نہیں لگائے گا، لیکن اس نے ان کو دھتکارنے کی کوئی کوشش نہ کی۔ پہلے صرف دستر خوان پر ان کی شمولیت ہوتی تھی۔ اب بوتل میں بھی وہ اس کے شریک ہونے لگے۔ خان نے اس کو بتایا تھا کہ شراب بہت اچھی چیز ہے خصوصاً اس آدمی کے لیے جوصوبہ بدر کردیا گیا ہو۔ بوتل سے منہ لگاتے ہی ایک نیا صوبہ اس کے دل و دماغ میں آباد ہو جاتا ہے۔ جس میں وہ ایک کونے سے دوسرے کونے تک جہاں چاہے اسٹول پر کھڑا ہو کے باغیانہ سے باغیانہ تقریر کرسکتا ہے۔ سرمائے کی تمام لعنتوں سے اس کو پاک کرسکتا ہے۔ اور پھر رنڈی کا کوٹھا۔ اس سے بہترین گھر تو اور کوئی ہو ہی نہیں سکتا۔ بیوی گھریلو اور سگی قسم کی ہو تو آدمی اسے گالی نہیں دے سکتا۔ اگر رنڈی ہو تو گندی سے گندی گالی بھی اسے دی جاسکتی ہے۔ اس کی ماں کے سامنے۔ اس کی پھوپھی کے سامنے۔ اس کی چچی کے سامنے۔ اور اگر اس کا کوئی باپ موجود ہو تو اس کے بھی سامنے۔ پھر وہ اسے اپنے مخصوص خام اور بیبے انداز میں روزمرہ زندگی میں گالی کی اہمیت بیان کرنے لگتا اور اسے بتاتا کہ یہ بہت ضروری چیز ہے۔ اگر آدمی اسے وقتاً فوقتاً اپنے اندر سے باہر نہ نکالے تو تعفن پیدا ہو جاتا ہے جو بالآخر دل و دماغ پر بہت برا اثر کرتا ہے۔ رنڈی کا کوٹھا۔ اور گھریلو گھر۔ زمین و آسمان کا فرق ہے۔ وہاں سو بکھیڑے ہوتے ہیں۔ اتنا سازو سامان اور اتنے رشتے ہوتے ہیں کہ آدمی ان سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہے تو پوری زندگی اسی کوشش میں بسر ہو جائے مگریہاں رنڈی کے کوٹھے پر ایسی کوئی مشکل نہیں۔ اپنا ہولڈال اورٹرنک اٹھاؤ، اچکن کاندھے پر ڈالو اور کسی ہوٹل میں جا کر بڑے اطمینان سے طلاق کا کاغذ لکھ کر روانہ کردو۔ ایک بات اور بھی ہے۔ رنڈی کو سمجھنے میں اگر دقت محسوس ہو تو اس کو استعمال کرنے والے ایسے کئی آدمی موجود ہوں گے جن کے تجربوں سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ پھر گانا بجانا مفت۔ عیاشی کی عیاشی، شادی کی شادی۔ جی اکتایا تو چھوڑ کے چلتے بنے۔ کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔ کوئی برا نہیں کہے گا۔ بلکہ وہ جو شریف ہیں مرحبا کہیں گے کہ صبح کا بھولا شام کو گھر لوٹ آیا۔ رنڈی کو لعنتی کہیں گے جو چمٹ گئی تھی اور خدا وند کریم کا شکر بجا لائیں گے کہ اس نے اس سے نجات دلائی۔ اور رنڈی کی زندگی میں بھی کوئی زلزلہ نہیں آتا۔ اس کے لگے بندھے گاہک موجود ہوتے ہیں۔ تمہاری ٹھیکے داری ختم ہوتی ہے تو وہ اطمینان کا سانس لیتے ہیں کہ چلو ہمارا راستہ کھلا۔ ‘‘

صادق کو خان رنڈی سے شادی کے فوائد اکثربتاتا رہتا تھا۔ بوتل سے بڑے خلوص کے ساتھ منہ لگا کر اب اس نے رنڈیوں کے کوٹھوں پربھی آنا جانا شروع کردیا تھا۔ مگر اس نے ان میں وہ بات ابھی تک نہیں دیکھی تھی کے جن کے متعلق وہ اکثر اپنے پٹھان دوست سے سنا کرتا تھا۔ خان کو صادق کے دل کا حال اچھی طرح معلوم تھا۔ اس کو پتا چل گیا تھا کہ وہ ہیرا منڈی سے اکتا گیا ہے۔ کاروبار اچھا ہے۔ آمدن کی معقول صورت پیدا ہو گئی ہے۔ اس لیے وہ اب اپنا گھر بنانا چاہتا ہے جس میں اس کی ایک عدد بیوی ہو۔ دس عدد بچے ہوں۔ کلوٹ ہوں، پوتڑے ہوں۔ چولھا ہو۔ چمٹا ہو۔ توا ہو۔ وہ پھل خریدے تو سیدھا گھر پہنچے۔ شراب کی بوتلوں کے بجائے، دودھ کی بوتلیں خریدے۔ میراثیوں اور بھڑووں کے بجائے شریف شریف لوگوں سے ملے۔ شروع شروع میں تو خان اپنے مخصوص انداز میں اسے ایسے واہیات اقدام سے روکنے کی نرم و نازک کوشش کرتا رہا۔ لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ اس نے اپنے محلے میں کسی سے کوئی مناسب و موزوں رشتہ ڈھونڈنے کے لیے کہا ہے تو اس کو بہت کوفت ہوئی۔

’’صادق۔ یہ تم کیا حماقت کرنے والا ہے۔ شادی وادی ہرگز مت کرنا۔ یہ دنیا ایسی ہے جہاں کسی وقت بھی تم کو صوبہ بدر یا شہر بدر کردیا جاسکتا ہے۔ میں اتنے برس کانگرس میں رہا ہوں۔ سرخ پوش تحریک چلانے میں اتنا کام میں نے کیا ہے کہ تم کو اس کا اندازہ ہی نہیں ہوسکتا۔ میں نے اپنی پولیٹیکل لائف میں صرف یہ سیکھا ہے کہ زندگی میں تم جس کو بھی شریک بناؤ، اٹیچی کیس کی طرح ہونی چاہیے۔ جس کو تم ہاتھ میں اٹھا کر چلتے ہو۔ یا اسے وہیں چھوڑ دو۔ وہ زیادہ قیمتی نہیں ہونی چاہیے۔ قیمتی چیزوں کو چھوڑ دینے کا برا غم رہتا ہے۔ سو برادر، تم شادی نہ کرو۔ باز آؤ اس خیال سے۔ وہ رنڈی جس کے پاس تم جاتے ہو، کیا بری ہے۔ اس سے عشق کرنا شروع کردو۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں۔ تھوڑی سی پریکٹس کرلو توسب ٹھیک ہو جائے گا۔ ‘‘

صادق نے گھریلو قسم کی عورت سے شادی کے حق میں اپنے دلائل پیش کیے مگر خان کے سامنے ان کی کوئی پیش نہ چلی۔

’’صادق، تم الو ہے۔ خدا کی قسم الو ہے۔ تم ہماری بات نہیں مانتا، جس کے پاس دو بیویاں ہیں۔ اپنے قبیلے کی۔ تم ہماری بات مانو۔ ہم تمہارا دوست ہے۔ پٹھان ہے۔ خدا کی قسم کھا کر کہتا ہے کہ ہم جھوٹ نہیں بولتا۔ یہ دنیا جس میں ہم جیسے مخلص آدمی کو صوبہ بدر کرنے والے حاکم موجود ہیں، اس میں رنڈی کے کوٹھے ہی کو اپنا گھر بنانا چاہیے۔ ہم کو تو یہاں بہت آرام ہے۔ تم بھی ہیرا منڈی میں اپنا گھر بنا لو اور آرام کرو۔ ‘‘

صادق عجیب مخمصے میں گرفتار تھا۔ مجھ سے مل کر وہ گھنٹوں باتیں کرتا رہتا۔ وہ ہیرا منڈی کے سخت خلاف تھا مگر تھوڑی دیر کے بعد میں نے محسوس کیا کہ وہ اس کا قائل ہوتا جارہا ہے، کیونکہ اب وہ خان کی کہی ہوئی باتیں یوں سناتا تھا جیسے اس کے دل کو لگ چکی ہیں۔ چنانچہ ایک روز اس نے مجھ سے کہا:

’’میں نے ساری عمر ٹھیکے داری کی ہے۔ اور ٹھیکے داری سے بڑھ کے بے ایمانی کا اور کوئی کاروبار نہیں ہوسکتا۔ اس کا اول کھوٹ، اس کا آخر کھوٹ۔ یہ ایسا بازار ہے جس میں کوئی کھرا سکہ نہیں چل سکتا۔ سنا ہے ولایت میں ایسی مشینیں بنی ہیں جن میں اگر کھوٹے سکے ڈالے جائیں تو وہ باہر نکال دیتی ہیں۔ لیکن ٹھیکے داری ایسی مشین ہے جس میں اگرکھرے سکے ڈالے جائیں تو قبول نہیں کرے گی۔ فوراً باہر نکال دے گی۔ مجھے ساری عمر یہی کاروبار کرنا ہے کہ مجھے صرف یہاں آنا ہے۔ توکیوں نہ میں ہیرا منڈی میں ہی اپنا گھر بناؤں۔ وہاں کھرے سکے چلتے ہیں، لیکن ان کے عوض جومال ملتا ہے اس میں صرف کھوٹ ہی کھوٹ ہوتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں، میری روحانی تسکین کے لیے وہاں کی فضا اچھی رہے گی۔ ‘‘

پھر ایک روز اس نے مجھے بتایا۔

’’خان بہت خوش ہے۔ اسکی دونوں بیویاں وہاں سرحد میں اس کے گھر میں خوش ہیں۔ اس کی اولاد بھی خوش ہے۔ ان کی خیر خیریت کو اپنے منیجر کے ذریعے سے معلوم ہوتی رہتی ہے۔ یہاں ہیرا منڈی اس کی رنڈی بھی خوش ہے۔ اس کی ماں بھی خوش ہے۔ اس کی پھوپھی بھی خوش ہے، اس کے میراثی بھی خوش ہیں۔ اور سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ خان خوش ہے۔ کبھی کبھی ان حاکموں کے خلاف ایک بیان اخباروں میں شائع کردیتا ہے جس نے اس کو صوبہ بدر کیا تھا اور اپنی رنڈی کو سنا دیتا ہے۔ وہ بھی خوش ہو جاتی ہے۔ اس رات گانے بجانے کی محفل گرم ہوتی ہے اور خان مسند پر گاؤ تکیے کا سہارا لے کریوں بیٹھتا ہے جس طرح ایک تماشبین۔ استاد صاحب اور میراثیوں سے اس طرح باتیں کرتا ہے جیسے اس نے نئی نئی تماش بینی شروع کی ہے۔ اس کی رنڈی مجرا کرتی ہے اور وہ جیب میں ہاتھ ڈال کر اس کو دس روپے کا نوٹ دیتا ہے پھر پانچ کا۔ پھر دو کا پھر ایک روپے والا۔ ۔ اس کے بعد وہ محفل برخواست کردیتا ہے اور اس رنڈی کے ساتھ سو جاتا ہے اور اس منکوحہ عورت کے ساتھ ایسی رات بستر کرتا ہے جو گناہ آلود ہو۔ میں تو سمجھتا ہوں، یہ بڑے مزے کی چیز ہے۔ ‘‘

لیکن جب اس رنڈی سے شادی کا سوال پیدا ہوا۔ یعنی خان صاحب نے سب معاملہ تیارکردیا اور صرف ایجاب و قبول کی رسم باقی رہ گئی تو صادق پیچھے ہٹ گیا۔ خان آگ بگولا ہو گیا۔ میرے سامنے اس نے صادقے کو بہت لعن طعن کی۔

’’تمہاری سمجھ پرپتھر پڑ گئے ہیں صادق۔ تم الو کے پٹھے ہو۔ شریف عورت سے شادی کرکے خدا کی قسم تم پچھتاؤ گئے۔ یہ دنیا ایسی نہیں ہے۔ پروردگار کی قسم، جس میں شرافت سے شادی کی جائے۔ اس میں رنڈی اچھی رہتی ہے۔ تم شریف مت بنو۔ یاد رکھو اگر تم شریف بن گئے تو صوبہ بدر کردیے جاؤ گے۔ تم ہیرا منڈی میں رہو۔ یہاں صرف ایک صوبہ ہے جس میں سے تم بدر نہیں کیے جاسکتے اس لیے کہ اس کے ساتھ کوئی حاکم اپنا رشتہ قائم نہیں کرے گا۔ تم گدھے ہو۔ اپنا گھر یہیں بناؤ۔ اس سے بہتر جگہ تمہیں اور کوئی نہیں مل سکتی۔ ‘‘

صادق نے اپنے محلے میں ایک جگہ بات پکی کرلی تھی۔ جب خان نے اس کو سمجھایا بجھایا تو اس نے اپنا ارادہ ترک کردیا لیکن وہ رنڈی سے شادی کرنے پر آمادہ نہ ہوا۔ اس نے مجھ سے کہا۔

’’میں نے اب شادی کا خیال ہی چھوڑ دیا ہے۔ میں خان کا کہنا ضرور مان لیتا مگر میرا دل نہیں مانتا۔ میں اب عیش کروں گا۔ ایک رنڈی کے پاس نہیں کئی رنڈیوں کے پاس جایا کروں گا۔ ‘‘

اور اس نے متعدد رنڈیوں کے ہاں جانا شروع کردیا۔ اسے اب کئی ٹھیکے مل گئے تھے۔ اس کے پاس دولت کی فراوانی تھی۔ ہیرا منڈی سے جب وہ موٹر میں گزرتا تو چاروں طرف کوٹھوں پر رنگین مسکراہٹیں تیتریوں کی طرح اڑنے لگتیں۔ اب وہ پھر نواب صاحب تھا۔ ہیرا منڈی کا نواب صاحب۔ پورے تین برس تک وہ کھل کھیلتا رہا، میرال خیال ہے، یہ غالباً خان کی اس کوشش کا رد عمل تھا جو اس نے صادق کو اپنے قالب میں ڈھانے کے لیے کی تھی۔ وہ چاہتا تھا کہ اپنے تجربات کا نچوڑ اس کے حلق میں ڈال کر اس کو اپنے جیسا بنا لے، مگر اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ صادق ادھر کا رہا نہ ادھر کا۔ وہ پورا اوباش بن گیا۔ جس راستے اس کو نفرت تھی، وہ اسی کا انتھک مسافر بن گیا۔ میں نے اس کو بارہا سمجھایا کہ دیکھو صادق باز آؤ۔ اپنی جوانی، اپنی صحت اور اپنی دولت یوں برباد نہ کرو۔ لیکن وہ نہ مانا۔ میری باتیں سنتا اور مسکرا دیتا۔

’’میری دنیا، کھوٹ کی دنیا ہے۔ اس میں ایک بٹا سو حصہ سیمنٹ ہوتا ہے۔ باقی سب ریت۔ اور وہ بھی جس میں آدھی مٹی ہوتی ہے۔ میری ٹھیکہ داری میں جو عمارت بنتی ہے۔ اس کی عمر اگر کاغذ پر پچاس سال ہے تو زمین پر دس سال ہوتی ہے۔ میں اپنے لیے پختہ گھر کیسے تعمیر کرسکتا ہوں۔ رنڈیاں ٹھیک ہیں۔ میں نے سوسائٹی کے اس ملبے کا بھی ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ ہر روز ایک نہ ایک بوری ڈھوکر ٹھکانے لگا دیتا ہوں۔ ‘‘

وہ بوریاں ڈھو ڈھو کر اپنی دانست میں ٹھکانے لگاتا رہا۔ میں نے اس سے ملنا جلنا بند کردیا۔ وہ بہت بدنام ہو چکا تھا۔ اسکو معلوم تھا کہ میں اس سے ناراض ہوں۔ لیکن اس نے مجھے منانے کی کوشش نہ کی۔ ڈیڑھ برس کے ایک دن اچانک وہ میرے پاس آیا۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ بہت ضروری بات کہنا چاہتا ہے مگر نہیں کہہ سکتا۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’کچھ کہنے آئے ہو۔ ‘‘

اس نے جواب دیا۔

’’ہاں۔ میں شادی کررہا ہوں۔ ‘‘

’’کس سے؟‘‘

’’ایک رنڈی سے؟‘‘

مجھے بہت غصہ آیا۔

’’بکو نہیں۔ ‘‘

اس نے بڑی سنجیدگی سے کہا۔

’’میں مجبورہو گیا ہوں۔ ‘‘

میں چڑ گیا۔

’’مجبوری کیسی۔ ‘‘

صادق نے سر جھکا کر کہا۔

’’اس کے نطفہ ٹھہر گیا ہے۔ ‘‘

یہ سن کر میں خاموش ہو گیا۔ اس سے کیا کہوں۔ کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ صادقے نے اپنا جھکا ہوا سر اٹھایا اور کہنا شروع کیا۔

’’میں مجبور ہو گیا ہوں۔ شادی کے سوا اب اور کوئی چارہ نہیں۔ ‘‘

صادق نے اس رنڈی سے شادی کرلی۔ مگر اس کے کوٹھے کو اس نے اپنا گھر نہ بنایا۔ ان لوگوں نے، یہ رنڈی جن کی روزی کا ٹھیکرہ تھی، بہت دنگا فساد کیا۔ مگر اس نے کوئی پرواہ قبول نہ کی۔ ہزاروں روپے پانی کی طرح بہا دیے اور آخر کامیاب ہو گیا۔ اس رنڈی کے بطن سے ایک لڑکی پیدا ہوئی۔ اس کی پیدائش کے چھ مہینے بعد صادق کے دل میں جانے کیا آئی کہ اس نے رنڈی کو طلاق دے دی اور اس سے کہا۔

’’تمہارا اصل مقام یہ گھر نہیں۔ ہیرا منڈی ہے۔ جاؤ اس لڑکی کو بھی اپنے ساتھ لے جاؤ۔ اس کو شریف بنا کر میں تم لوگوں کے کاروبار کے ساتھ ظلم کرنا نہیں چاہتا۔ میں خود کاروباری آدمی ہوں۔ یہ نکتے اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ جاؤ، خدا میرے اس نطفے کے بھاگ اچھے کرے۔ لیکن دیکھو اسے نصیحت دیتی رہنا کہ کسی سے شادی کی غلطی کبھی نہ کرے۔ یہ غلط چیز ہے۔ ‘‘

معلوم نہیں، جو کچھ میں نے بیان کیا ہے، صادقے کے متعلق زیادہ ہے یا خان کے متعلق۔ بہرحال مجھے یہ دونوں اسی صف کے آدمی معلوم ہوتے ہیں جس میں آپ کا بابو گوپی ناتھ موجود ہے۔ اور اس دنیا میں جہاں صوبہ بدر اورشہر بدر کیا جاسکتا ہو، ایسے آدمی ضرور موجود ہونے چاہئیں جن کو سوسائٹی اپنے اور اپنے بنائے ہوئے قوانین کے منہ پر طمانچے کے طور پر کبھی کبھی مار سکے۔

سعادت حسن منٹو

نا مکمل تحریر

میں جب کبھی ذیل کا واقعہ یاد کرتا ہوں، میرے ہونٹوں میں سوئیاں سی چُبھنے لگتی ہیں۔ ساری رات بارش ہوتی رہی تھی۔ جس کے باعث موسم خنک ہو گیا تھا۔ جب میں صبح سویرے غسل کے لیے ہوٹل سے باہر نکلا تو دُھلی ہوئی پہاڑیوں اور نہائے ہوئے ہرے بھرے چیڑوں کی تازگی دیکھ کر طبیعت پر وہی کیفیت پیدا ہُوئی جو خوبصورت کنواریوں کے جُھرمٹ میں بیٹھنے سے پیدا ہوتی ہے۔ بارش بند تھی البتہ ننھی ننھی پھوار پڑ رہی تھی۔ پہاڑیوں کے اونچے اونچے درختوں پر آوارہ بدلیاں اونگھ رہی تھیں گویا رات بھر برسنے کے بعد تھک کر چُور چُور ہو گئی ہیں۔ میں چشمے کی طرف روانہ ہُوا۔ کاندھے پر تولیہ تھا۔ ایک ہاتھ میں صابن دانی تھی، دوسرے میں نیکر۔ جب سڑک کا موڑ طے کرنے لگا تو آنکھوں کے سامنے دُھند ہی دُھند نظر آئی۔ بادل کا ایک بھولا بھٹکا ٹکڑا تھا جو شاید آسمانی فضا سے اُکتا کر اِدھر آ نکلا تھا۔ اِس بادل نے سڑک کے دوسرے حصے کو آنکھوں سے بالکل اوجھل کردیا تھا۔ میں نے اوپر آسمان کی طرف دیکھا۔ وہاں بھی سپیدی ہی سپیدی نظر آئی اور ایسا معلوم ہُوا کہ اوپر سے کوئی دُھنکی ہوئی روئی بکھیر رہا ہے۔ اتنے میں ہوَا کے تیز جھونکوں نے اس سپیدی میں ارتعاش پیدا کیا اور اِس دھند میں سے دُور مثال بخارات علیحدہ ہونے لگے اور میری ننگی باہوں سے مَس ہُوئے۔ برف سے اٹھتے ہُوئے دھوئیں کی سردی کے احساس سے وہی کیفت پیدا ہوتی ہے جو ان بخارات نے پیدا کی۔ اس بادل میں سے گزرتے وقت سانس کے ذریعے سے یہ سپید سپید بخارات میرے اندر داخل ہو گئے جس سے پھیپھڑوں کو بڑی راحت محسوس ہوئی۔ میں نے جی بھر کے اس سے لُطف اُٹھایا۔ جب بادل کے اس ٹکڑے کو طے کرکے میں باہر آیا تو آنکھوں کو کچھ سجھائی نہ دیا۔ میرے چشمے کے شیشے کاغذ کے مانند سفید ہو گئے تھے۔ پھر ایکا ایکی مجھے سردی محسوس ہونے لگی اور جب میں نے اپنے کپڑوں کی طرف دیکھا تو وہ شبنم آلود تکیے کی طرح گیلے ہورہے تھے۔ میں غُسل خانے کے معاملے میں بے حد سست ہوں اور سردیوں کے موسم میں تو روزانہ غسل کا میں بالکل قائل نہیں۔ دراصل نہانے دھونے کا فلسفہ میری سمجھ سے ہمیشہ بالاتر رہا ہے۔ غسل کا مطلب یہ ہے کہ غلاظت دُور کی جائے اور روز نہانے کا یہ مطلب ہوا کہ آدمی رات۔ میں غلیظ اور گندہ ہو جاتا ہے۔ ہاتھ منہ دھو لیا جائے، پیرصاف کرلیے جائیں، سر کے بال دھو لیے جائیں اس لیے کہ یہ سب چیزیں جلدی میلی ہو سکتی ہیں۔ مگر ہر روز بدن کیوں صاف کیا جائے جب کہ یہ بہت دیر کے بعد میلا ہوتا ہے۔ گرمیوں میں تو خیر میں نہانے کا مطلب سمجھ سکتا ہُوں مگر سردیوں میں اس کا کوئی مصرف مجھے نظر نہیں آتا۔ آخر کیا مصیبت پڑی ہے کہ ہر روز صبح سویرے انسان غسل خانے میں جائے۔ سردی کے مارے پورے دو گھنٹوں تک دانت بجتے رہیں، انگلیاں سُن ہو جائیں، ناک برف کی ڈلی بن جائے۔ غسل نہ ہوا، اچھی خاصی مصیبت ہوئی۔ غسل کے بارے میں اب بھی میرا یہی خیال ہے، لیکن جس پہاڑی گاؤں کا میں ذکر کررہا ہوں۔ وہاں کی فضا ہی کچھ اس قسم کی تھی کہ جو چیزیں مجھے اب مہمل نظر آتی ہیں یا اس سے پہلے نظر آیا کرتی تھیں وہاں با معنی دکھائی دیتی تھیں۔ اس غسل ہی کو لیجئے۔ اس پہاڑی گاؤں میں جتنا عرصہ میں رہا ہر روز میرا پہلا کام یہ ہوتا تھا کہ نہاؤں اور دیر تک نہاتا رہوں۔ چشمے پر پہنچ کر میں نے کپڑے اتارے۔ نیکر پہنچی اور جب پانی کی اس گرتی ہوئی دھار کے پاس گیا جو پتھروں پر گر کر ننھے ننھے چھینٹے اُڑا رہی تھی تو پانی کی ایک سرد بوند میری پیٹھ پر آپڑی۔ میں تڑپ کر ایک طرف ہٹ گیا۔ جہاں بوند گری تھی اس جگہ گدگدی پرکار کی نوک کی طرح چُبھی اور سارے جسم پر پھیل گئی۔ میں سِمٹا، کانپا اور سوچنے لگا۔ مجھے واقعی نہانا چاہیے یا کہ نہیں۔ قریب تھا کہ میں باغی ہو جاؤں لیکن آس پاس نگاہ دوڑائی تو ہر شے نہائی ہوئی نظر آئی چنانچہ جو باغیانہ خیال میرے دماغ میں اس شریر بوند نے پیدا کیے تھے ٹھنڈے ہو گئے۔ سرد پانی کی گُدگُدیاں شروع شروع میں تو مجھے بہت ناگوار گزریں مگر جب میں جی کڑاکر کے دھارکے نیچے بیٹھ گیا تو وہ لطف آیا کہ بیان نہیں کرسکتا۔ دونوں ہاتھوں کے ساتھ زور زور سے پانی کے چھینٹے اُڑانے سے سردی کی شدت کم ہو جاتی تھی، چنانچہ جب میں نے یہ گُر معلوم کرلیا تو پھر اس لطف میں اور بھی اضافہ ہو گیا۔ سر پر پانی کی موٹی دھار نے عجیب کیفت پیدا کردی۔ پھر جب پانی کے دباؤ سے بال پیشانی پر سے نیچے لٹک آئے اور انھوں نے آنکھوں اور منہ میں گھسنا شروع کردیا تو زور زور سے پھونکیں مار کر ان کو ہٹانے کی ناکام سعی نے مزا اور بھی دوبالا کردیا۔ کبھی کبھی ڈوب کر ابھرتے ہوئے آدمی کا احساس بھی مجھے ہوا اور میں نے سوچا کہ جو لوگ ڈوب کر مر جاتے ہیں انکو ایسی موت میں بے حد لُطف آتا ہو گا۔ چشمے کا پانی آنسوؤں کی طرح شفاف تھا۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ میرے اردگرد بُلبلوں اور پانی کے چھینٹوں کا مشاعرہ ہورہا ہے۔ غسل سے فارغ ہوکر میں نے تولیے سے بدن پونچھا اور سردی کا احساس کم کرنے کے لیے دھیمے دھیمے سروں میں ایک گیت گنگنانا شروع کردیا۔ کبھی کبھی یہ سُریلی گنگناہٹ ہوا کے جھونکوں سے مرتعش ہو جاتی اور میں یہ سمجھتا کہ میرے بجائے کوئی اور آدمی بہت دُور گا رہا ہے، اس پر میں تولیے کو زیادہ زور کے ساتھ بدن پر ملنے لگتا۔ بدن خشک ہو گیا تو میں نے کپڑے پہنے۔ اس اثنا میں بوندا باندی شروع ہو گئی۔ میں نے آسمان کی طرف دیکھا۔ میرے عین اوپر بادل کا ایک اسفنج نما ٹکڑا چھتری کی طرح پھیلا ہُوا تھا۔ میں نے جلدی جلدی پہاڑی پر سے نیچے اترنا شروع کیا اور فوراً ہی کودتا پھاندتا سڑک میں اتر آیا۔ متوقع بارش سے بچنے کے لیے میں نے قدم تیز کردیئے۔ لیکن ابھی سڑک پر بمشکل ایک جریب کا فاصلہ طے کرنے پایا تھا کہ

’’اے بکری بکری‘‘

کی آواز بلند ہُوئی پھر اس کے ساتھ ہی دور پہاڑیوں نے اس آواز کو دبوچ کر دوبارہ ہوا میں اچھال دیا۔ میرے جی میں آئی کہ میں بھی اس آواز کو گیند کی طرح دبوچ لوں اور ہمیشہ کے لیے اپنی جیب میں ڈال لوں۔ میں ٹھہر گیا۔ وہی مانوس دل نواز صدا تھی جو اس سے قبل میں کئی مرتبہ سُن چکا تھا۔ بظاہر

’’اے بکری بکری‘‘

تین معمولی لفظ ہیں اور کاغذ پر یہ کوئی ایسا تصور پیش نہیں کرتے جو انوکھا اور حسین ہو مگر واقعہ ہے کہ میرے لیے ان میں وہ سب کچھ تھا جو روح کو مسرُور کرسکتا ہے جونہی یہ آواز میری سماعت سے مَس ہوتی مجھے یہ معلوم ہوتا کہ پہاڑ کی چھاتی میں سے صدیوں کی رُکی ہُوئی آواز نکلی ہے اور سیدھی آسمان تک پہنچ گئی ہے۔

’’اے‘‘

بالکل دھیمی آواز میں اور

’’بکری بکری‘‘

بلند اور فلک رس سُروں میں۔ ایک لمحہ کے لیے یہ نعرہ شباب پہاڑیوں کی سنگین دیواروں میں گونجتا ڈوبتا، ابھرتا، تھرتھراتا اور رباب کے تاروں کی آخری لرزش کی طرح کانپتا فضا میں گُھل مل جاتا۔ کالی کالی بدلیاں چھا رہی تھیں۔ فضا نم آلود تھی۔ ہوا کے جھونکوں میں اس نمی نے غنودگی کی سی کیفیت پیدا کردی تھی میں نے اوپر پہاڑی پر اگی ہُوئی ہری ہری جھاڑیوں کی طرف دیکھا اور ان کے عقب میں مجھے دو تین سفید بکریاں نظر آئیں۔ میں نے اوپر چڑھنا شروع کردیا۔ ایک منہ زور بکری وزیر کو گھسیٹے لیے جارہی تھی اور وہ اس کو ڈانٹ بتانے کے لیے

’’اے، بکری بکری‘‘

پکار رہی تھی۔ اس کا منہ غصہ اور زور لگانے کے باعث پگھلے ہُوئے تابنے کی رنگت اختیار کرگیا تھا۔ بکری کے گلے میں بندھی ہوئی رسی کو پوری طاقت سے کھینچنے میں اسکا سینہ غیر معلوم طور پر عریاں ہو گیا تھا۔ سر پیچھے جھکایا تھا۔ دونوں ہاتھ آگے بڑھے ہُوئے تھے، سر پرسے دوپٹہ اُتر کر باہوں میں چلا آیا تھا۔ پیشانی پر سیاہ بالوں کی لٹیں بل کھاتی ہُوئی سنپولیاں معلوم ہورہی تھیں۔ ایک سبز جھاڑی کے پاس پہنچ کر بکری دفعتاً ٹھہر گئی اور اس کے نرم نرم پتوں کو اپنی تھوتھنی سے سونگھنا شروع کردیا۔ یہ دیکھ کروزیر نے اطمینان کا سانس لیا اور اپنا اُترا ہُوا دوپٹہ ایک بڑے سے پتھر پررکھ کر اس نے پاس والے درخت کے تنے سے بکری کے گلے میں بندھی ہُوئی رسی باندھی اور دوسرے پیڑ کی جھکی ہوئی ٹہنی پکڑ کر جھولا جھولنے لگی۔ میں جھاڑیوں کے پیچھے کھڑا تھا۔ بازو اُوپر اُٹھانے کے باعث اس کی کھلی آستین نیچے ڈھلک آئی۔ کپڑے کے یہ چھلکے سے جب اترے تو اس کے بازو کندھوں تک عریاں ہو گئے۔ بڑی خوبصورت باہیں تھیں۔ یوں معلوم ہوتا تھا کو ہاتھی کے دو بڑے دانت اوپر کو اُٹھے ہُوئے ہیں۔ بے داغ، ہموار اور زندگی سے بھرپور۔ وہ جُھولا جُھول رہی تھی اور اس کے دونوں بازو کچھ اس انداز سے اوپر کی جانب اٹھے ہوئے تھے کہ مجھے یہ اندیشہ لاحق ہو ا کہ وہ آسمان کی طرف پرواز کر جائے گی۔ جھاڑیوں کے عقب سے نکل کر میں اس کے سامنے آ گیا۔ دفعتاً اس نے میری طرف نگاہیں اٹھائی۔ سٹ پٹائی، ٹہنی کو اپنے ہاتھوں کی گرفت سے آزاد کردیا۔ گری، سنبھلی اور حلق میں سے ایک مدھم چیخ نکالتی دوڑ کر دوپٹہ لینے کے لیے پتھر کی طرف بڑھی۔ مگر دوپٹہ میری بغل میں تھا۔ اس نے دوپٹہ کی تلاش میں یہ جانتے بوجھتے کہ وہ میری بغل میں ہے، اِدھر اُدھر دیکھا اور مسکرا دی۔ اس کی آنکھوں میں حیا کے گلابی ڈورے اُبھر آئے۔ گال اور سرخ ہو گئے۔ اور وہ سمٹنے کی کوشش کرنے لگی۔ دونوں بازوؤں کی مدد سے اس نے اپنے سینے کی شوخیوں کو چھپا لیا اور انھیں اور اور زیادہ چھپانے کی کوشش کرتی وہ پتھر پر بیٹھ گئی۔ اس پر بھی جب اسے اطمینان نہ ہوا تو اس نے گھٹنے اُوپر کرلیے اور بگڑ کر مجھے سے کہنے لگی۔

’’یہ آپ کیا کررہے ہیں۔ میرا دوپٹہ لائیے۔ ‘‘

میں بڑھا اور بغل میں سے دوپٹہ نکال کر اس کے گھٹنے پر رکھ دیا۔ مجھے اس کے بیٹھنے کا انداز بہت پسند آیا۔ چنانچہ میں بھی اسی طرح اس کے پاس بیٹھ گیا۔ اس کی طرف غور سے دیکھا تو مجھے ایسا معلوم ہوا کہ وزیر جوان آوازوں کا ایک بہت بڑا انبار ہے اور میں۔ اور میں خدا معلوم کیا ہوں۔ اس کو ہاتھ لگاؤں گا تو وہ باجے کی طرح بجنا شروع ہو جائے گی۔ ایسے سُر اس میں سے نکلیں گے جو مجھے اُوپر بہت اُوپر لے جائیں گے اور زمین اور آسمان کے درمیان کسی ایسی جگہ معلق کردیں گے جہاں میں کوئی آواز سن نہ سکوں گا۔ وزیر نے مجھے جنگلی بلی کی طرح گُھور کر دیکھا گویا کہنا چاہتی ہے۔ ارے جاؤ یہاں دھرنا دے کر کیوں بیٹھ گئے ہو۔ میں نے اُس کے اس خاموش حکم کی کوئی پرواہ نہ کی اور کہا:

’’چشمے سے واپس آرہا تھا کہ تمہاری آواز سنی بے اختیار کھنچا چلا آیا۔ وزیر۔ تمہاری یہ آواز مجھے یقیناً پاگل بنا دے گی۔ جانتی ہو پاگل آدمی بڑے خطرناک ہوتے ہیں۔ ‘‘

میری یہ بات سُن کر اس کو حیرت ہوئی۔

’’یہ کیا پاگل پن ہے۔ میری آواز کسی کو کیوں پاگل بنانے لگی۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’جیسے کچھ جانتی ہی نہیں ہو۔ دنیا میں یہ راگ راگنیاں کہاں سے آئی ہیں۔ لیکن چھوڑو اس قصے کو۔ یہ بتاؤ، میری ایک بات مانو گی؟‘‘

’’مان لوں گی، پر آپ یہ تو کہیئے بات کیا ہے؟‘‘

’’ایک دفعہ میری خاطر، اے، بکری بکری، کا نعرہ بُلند کردو۔ ‘‘

مجھے ہاتھ سے دھکا دے کر اس نے تیز لہجہ میں کہا۔

’’یہ کیا پاگل پن ہے۔، بنانے کے لیے صرف ایک میں ہی رہ گئی ہوں۔ ‘‘

’’وزیر، بخدا میں تمہیں بنا نہیں رہا۔ مجھے تمہاری یہ آواز پسند ہے۔ جھوٹ کہوں تو۔ لے اب مان بھی جاؤ۔ ایک بار!‘‘

’’جی نہیں۔ ‘‘

’’میں تم سے التجا کرتا ہُوں۔ ‘‘

’’میں نے یہ آواز نہ کبھی نکالی ہے اور نہ اب نکالوں گی۔ ‘‘

’’میں ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں۔ ‘‘

’’یااللہ۔ یہ کیا مصیبت ہے۔ ‘‘

وزیر نے اپنا بدن سکیڑ لیا۔

’’اور اگر نہ مانوں تو۔ یعنی یہ بھی کیا ضروری ہے کہ میں اسی وقت آپ کے کہنے پر بیکار چلانا شروع کردوں۔ آپ تو خواہ مخواہ چھیڑ خانی کررہے ہیں اورمیں نگوڑی جانے کیا سمجھ رہی ہوں۔ بھئی ہو گا، ہمیں یہ مذاق اچھا نہیں لگتا۔ ‘‘

’’وزیر!‘‘

میں نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ کہا۔

’’میری طرف دیکھو۔ میرے چہرے سے تم اس بات کا اطمینان کرسکتی ہو کہ میں ہنسی مذاق نہیں کررہا۔ ‘‘

اس نے میرے چہرے کی طرف مصنوعی غور سے دیکھا اور میری ناک پر اُنگلی رکھ کر کہا۔

’’آپکی ناک پر یہ ننھا سا تِل کتنا بھلا دکھائی دیتا ہے۔ ‘‘

اُس وقت میرے جی میں آئی کہ اس پتھر پر جس پر وہ بیٹھی ہوئی ہے میں ناک گھسنا شروع کردوں تاکہ وہ ننھا سا تل ہمیشہ کے لیے مٹ جائے۔ وزیر نے میری طرف دیکھا تو وہ یہ سمجھی کہ میں روٹھنے کا ارادہ کررہا ہوں، چنانچہ اس نے فوراً اپنی بکریوں کی طرف دیکھا اور مجھ سے کہا۔

’’بابا، آپ خفا نہ ہوجایئے۔ قریب تھا کہ وہ اپنی مخصوص آواز بلند کرے کہ ایکا ایکی جھجک اس پر غالب آگئی۔ بہت زیادہ شرما کر اس نے اپنی گردن جُھکا لی

’’پر میں پوچھتی ہُوں اس میں خاص بات ہی کیا ہے۔ ‘‘

میں نے بگڑ کر کہا۔

’’وزیر، تم اب باتیں نہ بناؤ۔ ‘‘

دوسری طرف منہ کرکے اس نے ایکا ایکی بلند آواز میں

’’اے بکری بکری‘‘

پُکارا۔ اس کے بعد شرمیلی ہنسی کا ایک فوارہ سا اس کے منہ سے چھوٹ پڑا۔ میں بلندیوں میں پرواز کرگیا۔ کتنی صاف اور شفاف آوازتھی۔ دُھلی فضا میں اس کی گونج دیر تک دُور، نظر سے اوجھل ہو جانے والے پرندوں کے پروں کی طرح چمکتی رہی۔ پھر جذب ہو گئی۔ وزیر کی طرف میں نے دیکھا۔ اب وہ خاموش تھی۔ اس کا چہرہ غیر معمولی طور پر صاف تھا۔ آنکھیں نہاتی ہوئی چڑیوں کی طرح بے قرار تھیں۔ ہنسنے کے باعث ان میں آنسو بھر آئے تھے۔ ہونٹ اس انداز سے کُھلے ہوئے تھے کہ میرے ہونٹوں میں سرسراہٹ پیدا ہو گئی۔ خدا معلوم کیا ہوا میں نے وزیر کو اپنے بازوؤں میں لے لیا۔ اس کا سر میری گودی میں ڈول آیا۔ لیکن ایکا ایکی زور سے وہ اپنا بازو میرے جھکے ہُوئے سر اور اپنے متحیر چہرے کے درمیان لے آئی اور دھڑکتے ہُوئے لہجہ میں کہنے۔

’’ہٹائیے، ہٹائیے ان ہونٹوں کو!‘‘

میری گود سے نکل کر وہ بھاگ گئی اور میرے ہونٹوں کی تحریر نامکمل رہ گئی۔ اس واقعہ کو ایک زمانہ گزر چکا ہے، مگر جب کبھی میں اس کو یاد کرتا ہوں میرے ہونٹوں میں سوئیاں سی چُبھنے لگتی ہیں۔ یہ نامکمل بوسہ ہمیشہ میرے ہونٹوں پر اٹکا رہے گا۔

سعادت حسن منٹو

میرا ہم سفر

پلیٹ فارم پر شہاب، سعید اور عباس نے ایک شور مچا رکھا تھا۔ یہ سب دوست مجھے اسٹیشن پر چھوڑنے کے لیے آئے تھے، گاڑی پلیٹ فارم کو چھوڑ کر آہستہ آہستہ چل رہی تھی کہ شہاب نے بڑھ کر پائدان پر چڑھتے ہوئے مجھ سے کہا:

’’عباس کہتا ہے کہ گھر جا کر اپنی

’’ان‘‘

کی خدمت میں سلام ضرور کہنا۔ ‘‘

’’وہ تو پاگل ہے۔ اچھا خدا حافظ۔ ‘‘

میں نے ان علیگی دوستوں سے پیچھا چھڑاتے ہوئے یہ الفاظ جلدی میں ادا کیے اور شہاب سے ہاتھ ملا کردروازے بند کرنے کے بعد اپنی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ علی گڑھ اور اس کی حسین علمی فضا جس میں مَیں اس سے کچھ عرصہ پہلے سانس لے رہا تھا، اب مجھ سے ایک طویل عرصہ کے لیے دورہورہی تھی۔ میرا دل سخت مغموم تھا۔ شہاب اگرچہ کالج میں بہت تنٓگ کرتا تھا مگر اس سے جُدا ہونے کا مجھے اب احساس ہوا، جب میں نے دفعتہً خیال کیا کہ امرتسر میں مجھے اس ایسا دلچسپ دوست میسر نہ آسکے گا۔ اسی خیال کے غم افزا اثر کے تحت میں نے سر کو جنبش دیتے ہوئے اور اس عمل سے گویا اپنے ذہن سے اس تاریکی کو جھٹکتے ہُوئے جیب میں سے سگرٹ کی ڈبیا نکالی اور اس میں سے ایک سگرٹ نکال کر اس کو سُلگایا اور اطمینان سے نشست پر ٹھکانے سے بیٹھ کر اپنے سامان کا جائزہ لیا اور پھر اپنے ساتھی کی طرف جو سیٹ کے آخری حصے پر بیٹھا تھا، پیٹھ کرکے سگرٹ سے دھوئیں کے چھلے بنانے کی بے سود کوشش میں مصروف ہو گیا۔ میں بالکل خالی الذہن تھا۔ معلوم نہیں کیوں؟ سگرٹ کا دھواں جس کو میں اپنے منہ سے چھلوں کی صورت میں نکالنے کی کوشش کرتا تھا۔ ہوا کے تند جھونکوں کی تاب نہ لا کر کھڑکی کے راستے کسی تھرکتی ہوئی رقاصہ کی طرح تڑپ کر باہر نکل رہا تھا۔ میں بہت عرصہ تک سگرٹ کے اس لرزاں دھوئیں کو بڑے غور سے دیکھتا رہا۔ یہ رقص کی ایک تکمیل تھی۔

’’رقص کی تکمیل۔ ‘‘

یہ الفاظ دفعتہً میرے دماغ میں پیدا ہُوئے اور میں اپنے اس اچھوتے خیال پربہت مسرور ہُوا۔

’’کیا میں پاگل ہُوں؟‘‘

گاڑی پلیٹ فارم کو چھوڑ کر کھلے میدانوں میں دوڑ رہی تھی۔ آہنی پٹڑیوں کا بچھا ہُوا جال بہت پیچھے رہ گیا تھا۔ پتھریلی روش کے آس پاس اُگے ہُوئے درخت ایک دوسرے کا تعاقب کرتے معلوم ہوتے تھے۔ میں

’’رقص کی تکمیل‘‘

اور ان درختوں کی بھاگ دوڑ کا مشاہدہ کررہا تھا کہ ان حیران کن الفاظ نے مجھے چونکا دیا جو غالباً میرے اس ہم سفر نے ادا کیے تھے جو سیٹ کے آخری حصے پر کونے میں بیٹھا تھا۔ اس نے یقیناً یہ عجیب سوال مجھ سے ہی پوچھا تھا۔

’’کیا آپ مجھ سے دریافت فرما رہے ہیں؟‘‘

’’جی ہاں، کیا میں پاگل ہوں؟‘‘

اس نے ایک بار پھر مجھ سے دریافت کیا۔ ٹرین کی روانگی پر جب میں نے شہاب سے یہ کہا تھا۔

’’وہ تو پاگل ہے۔ اچھا خدا حافظ۔ ‘‘

تو شاید اس شریف آدمی نے یہ خیال کرلیا تھا کہ میں نے اسی کو پاگل کہا ہے۔ میں کھل کھلا کر ہنس پڑا اور نہایت مودبانہ لہجہ میں کہا:۔

’’آپ کو غلط فہمی ہُوئی ہے حضرت، گاڑی چلتے وقت شاید میں نے اپنے کسی دوست کو پاگل کے نام سے پکارا تھا۔ وہ تو ہے ہی پاگل۔ میں معافی چاہتا ہوں کہ آپکو خواہ مخواہ تکلیف ہُوئی۔ ‘‘

یہ معقول دلیل سن کر میرا ہم سفر جو غالباً کچھ اور کہنے کے لیے ذرا آگے سرک رہا تھا خاموش ہو گیا۔ یہ دیکھ کر مجھے ایک گونہ اطمینان ہوا کہ معاملہ نہیں بڑھا۔ اتفاق سے میری طبیعت کچھ اس قسم کی واقع ہوئی ہے کہ عموماً نکمی سے نکمی باتوں پر طیش آجایا کرتا ہے۔ چونکہ اس سے قبل کئی مرتبہ دورانِ سفر میں میرا مسافروں سے جھگڑا ہو چکا تھا۔ اور میں اس کے تلخ نتائج سے اچھی طرح واقف تھا اس لیے لازمی طور پر میں اس معاملہ کو اتنی جلدی بخیر و خوبی انجام پاتے دیکھ کر بہت خوش ہُوا۔ چنانچہ میں نے اس مسافر سے خوشگوار تعلقات پیدا کرنے کے لیے اس سے ایسے ہی گفتگو شروع کی۔ رسمی گفتگو جو عام طور پر گاڑیوں میں مسافروں کے ساتھ کی جاتی ہے۔

’’آپ کہاں تشریف لے جارہے ہیں؟‘‘

میں نے اس سے دریافت کیا۔

’’میں۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے وہ کونے سے سرکتا ہوا اٹھ کر میرے مقابلہ والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔

’’میں دہلی جارہا ہوں۔ آپ کہاں اتریں گے؟‘‘

’’مجھے کافی طویل سفر کرنا ہے۔ امرتسر جارہا ہوں۔ ‘‘

’’امرتسر۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ ‘‘

’’مجھے یہ شہر دیکھنے کا کئی مرتبہ اتفاق ہوا ہے۔ اچھی بارونق جگہ ہے۔ کپڑے کی تجارت کا مرکز ہے۔ کیا آپ وہاں کالج میں پڑھتے ہیں؟‘‘

’’جی ہاں۔ ‘‘

میں نے جھوٹ بولتے ہوئے کہا۔ کیونکہ اسکا سوال میرے نزدیک بہت غیر دلچسپ تھا، اس کے علاوہ مجھے اندیشہ تھا کہ اگر میں نے اپنے ہم سفر سے یہ کہا ہوتا کہ میں علی گڑھ کی یونیورسٹی میں پڑھتا ہوں تو وہ کالج کی دلچسپیوں، اسکی عمارت اور اسکے خدا معلوم کن کن حصوں اور شعبوں کے متعلق مجھ پر سوالات کی بوچھاڑ شروع کردیتا۔ اس سے قبل میرے ساتھ اس قسم کا واقعہ پیش آچکا تھا۔ جب میرے ایک رفیق سفر نے سوال پُوچھے پُوچھے رات کی نیند مجھ پر حرام کردی تھی۔

’’کون سے کالج میں۔ میرے خیال میں وہاں کئی کالج ہیں۔ ‘‘

اس نے مجھ سے دریافت کیا۔ میں نے جھٹ سے جواب دیا۔

’’خالصہ کالج میں۔ ‘‘

’’اچھا، وہی جو اینڈرسن نے تعمیر کرایا ہے۔ ‘‘

’’اینڈرسنٰ نے، مگر وہ سکھوں کا کالج ہے حضرت۔ ‘‘

میں نے حیران ہوتے ہوئے کہا۔

’’مجھے معلوم ہے مسٹر، یہ اینڈرسن سِکھ ہو گیا تھا نا۔ آپ نے غالباً سکھ ہسٹری کا مطالعہ نہیں کیا۔ ‘‘

’’شاید۔ ‘‘

یہ کہہ میں نے گفتگو کو دلچسپ نہ پاتے ہوئے منہ موڑ لیا اور کھڑکی سے باہر کی طرف دیکھنا شروع کردیا۔ گاڑی اب یو۔ پی کے وسیع میدانوں میں دندناتی ہُوئی چلی جارہی تھی۔ لوہے کے پہیوں کی وزنی جھنکار اور چوبی شہتیروں کی کھٹ کھٹ فضا میں ایک عجیب یک آہنگ شوربرپا کررہی تھی۔ اس شور کی صدائے بازگشت نے آس پاس کے دوڑتے ہُوئے کھمبوں اور درختوں سے ٹکرا کر شام کی خُنک ہَوا میں ایک ارتعاش پیدا کردیا تھا۔ میں نے ایسے ہی کھڑکی میں سے اپنا بازو باہر نکالا۔ منہ زور گاڑی کی تیز رفتار کی وجہ سے ہوا کے زبردست دھکے نے میرے بازو کو ریلا دیکر پیچھے دبا دیا۔ میں نے ٹھنڈی ہوا کے اس دباؤ کو بہت پیارا محسوس کیا۔ چنانچہ میں کھیل میں مصروف ہو گیا اور اپنے ہم سفر اور اس کی گفتگو کو بالکل بھول گیا۔ ہواکے دباؤ کی دلنوازی بہت مسرور کن تھی۔ تھوی دیر کے بعد میں اپنے اس کھیل سے اُکتا گیا۔ دراصل بار بار ہوا کو چیرنے سے میرا بازو تھک گیا تھا۔ اب میں نے مڑ کر میدانوں کی وسعت کا نظارہ کرنا شروع کردیا۔ ڈوبتے ہوئے سورج کی سرخ۔ آتشیں سرخ کرنیں میدان کے گڑھوں میں بارش کے جمع شدہ پانیوں پر زرنگاری کا کام کررہی تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ خاکستری زمین کے سینے پر کسی نے بڑے بڑے آئینے آویزاں کردیئے ہیں۔ بجلی کے تاروں اور کھمبوں پر نیل کنٹھ اور ابابیلیں پُھدک رہی تھیں۔ یہ منظر بہت سہانا تھا۔

’’کیا میں پاگل ہوں؟‘‘

ان الفاظ نے ایک بار پھران رنگوں کو منتشر کردیا جو میرے دل و دماغ پر ایک نہایت ہی پیاری تصویر کھینچ رہے تھے۔ میں چونک پڑا۔ میرے اسی ہم سفر نے مجھ سے یہ سوال دریافت کیا تھا۔ میں مڑا۔ وہ میری طرف مستفسرانہ نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔ یہ خیال کرتے ہوئے کہ شاید میرے کانوں کو دھوکا ہُوا ہے میں نے اس سے کہا۔

’’کیا ارشاد فرمایا آپ نے؟‘‘

وہ ایک لمحہ خاموش رہا اور پھر اپنے سرکو جھکٹے ہوئے کہا۔

’’کچھ بھی نہیں، شاید آپ نہ بتا سکیں گے!‘‘

اب میں نے غور سے اس کی طرف دیکھا۔ اس کی عمر غالباً بیس بائیس برس کے قریب ہو گی۔ داڑھی کمال صفائی سے مونڈی ہوئی تھی۔ اسکے گال گوشت سے بھرے ہوئے تھے، ان کی موٹائی میں بہت خفیف سا فرق تھا، جو صرف مجھ ایسا باریک بیں ہی دیکھ سکتا ہے۔ بال جن میں سے کسی اچھے اور بڑھیا تیل کی خوشبو آرہی تھی، پیچھے کی طرف کنگھی کیے گئے تھے جس سے اس کی پیشانی بہت کشادہ ہو گئی تھی۔ وہ معمولی قسم کے کشمیرے کا کوٹ پہنے ہوئے تھا۔ کلف شدہ کالر قمیض کے ساتھ لگا ہوا تھا مگر ٹائی موجود نہ تھی۔ یہ مجھے اچھی طرح یاد ہے۔ میں ابھی کچھ کہنے ہی والا تھا کہ وہ پھر بولا:

’’میں آپ سے کچھ دریافت کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘

میں اس کے راز دارانہ لہجہ سے بہت متحیر ہُوا۔ آخر وہ مجھ سے کیا دریافت کرنا چاہتا ہے؟ یہ خیال کرتے ہوئے میں نے جھک کر گویا اس کے سوال کا جواب دینے کے لیے تیار ہو کرکہا۔

’’بصد شوق۔ فرمائیے۔ ‘‘

’’کیا میں پاگل ہوں۔ ‘‘

میری حیرت اور بھی بڑھ گئی۔ میں سمجھ نہ سکا کہ جواب کیا دوں۔ آپ ہی فرمائیے میں اس شخص کو کیا جواب دے سکتا تھا جو بظاہر نہایت ہی ہوشمند انسان معلوم ہوتا تھا۔ بالکل میری اور آپکی طرح۔

’’آپ؟۔ آپ؟‘‘

۔ میں نے تتلاتے ہوئے کہا۔

’’ہاں، ہاں میں۔ آپ فرمائیے نا’‘‘

اس نے بڑی سنجیدگی سے مجھ سے دریافت کیا۔

’’مگر کیوں؟ آپ بڑے ہوشمند انسان ہیں۔ !‘‘

’’آپ اپنی رائے مرتب کرنے میں جلدی سے کام نہ لیجیے، پھر غور فرما کر جواب دیجیے، کیا میں واقعی پاگل ہُوں۔ ‘‘

اس میں غور کرنے کی بات ہی کوئی نہ تھی۔ لیکن پھر بھی میں نے اپنے ہم سفر کے چہرے کی طرف غور سے دیکھنا شروع کیا۔ دراصل میں دو چیزیں معلوم کرنا چاہتا تھا۔ اولاً یہ کہ کہیں وہ مجھ سے مذاق تو نہیں کررہا۔ ثانیاً یہ کہ شاید اس کے چہرے کا اُتار چڑھاؤ ظاہر کردے کہ وہ سچ مچ پاگل ہی ہے۔ میں نے اپنے ایک دوست سے سنا تھا کہ عام طور پر پاگلوں کی آنکھوں میں سرخ دوڑے اُبھرے ہوتے ہیں۔ مگر وہ آنکھیں جو میری طرف دیکھ رہی تھیں، غیر معمولی طور پر سفید تھیں۔ ایسا معلوم تھا کہ وہ سفید چینی کی بنی ہُوئی ہیں۔ میں کچھ معلوم نہ کرسکا۔

’’آپ کو کسی نے بہت غلط طور پر شک میں ڈال دیا ہے۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے میں نے خیال کیا کہ شاید کسی ڈاکٹر نے اس کو وہم میں ڈال دیا ہے۔ کیونکہ مجھے اچھی طرح معلوم تھاکہ آج کل کے سستے اور جاہل ڈاکٹر بغیر سوچے سمجھے نبض پر ہاتھ رکھ کر کسی کو دیوانہ کسی کو مدقوق اور کسی کو ضعفِ اعصاب کا مریض ٹھہرا دیتے ہیں۔

’’میرا بھی یہی خیال ہے۔ مگر آپ کو قطعی طور پر یقین ہے کہ میں واقعی پاگل نہیں ہُوں۔ ‘‘

اس نے کہا۔

’’قطعی طور پر۔ جس شخص نے آپ کو اس وہم میں مبتلا کیا ہے۔ میرے خیال میں وہ خود پاگل ہے۔ ‘‘

’’خیر وہ تو پاگل نہیں، اچھا بھلا ہے۔ ‘‘

’’وہ کون بزرگ ہیں؟‘‘

’’میرا اپنا باپ۔ ‘‘

’’آپ کا باپ۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ وہ کہتا ہے کہ میں پاگل ہوں، حالانکہ میں خود اس قسم کی کوئی علامت نہیں پاتا۔ آج سے ایک سال قبل اس کی نظروں میں میں پاگل نہ تھا۔ لیکن جونہی میری شادی ہوئی میرے باپ نے یہ کہنا شروع کردیا کہ موہن دیوانہ ہے۔ چنانچہ اس کا یہ نتیجہ ہوا کہ سسرال والوں نے ڈر کے مارے اپنی لڑکی کو گھر بلوا لیا۔ اب وہ اس کو میرے حوالے نہیں کرتے۔ یہ کس قدر رنج افزا بات ہے کہ مجھے اپنی بیوی کے ساتھ دس پندرہ دن بھی بسر کرنے میسر نہیں ہُوئے۔ ‘‘

یہ کہتے ہُوئے اس کے چہرے سے معلوم ہوتا تھاکہ واقعتاً وہ بہت مغموم ہے۔ میں بھی بہت متاثر ہُوا۔ لیکن مجھے یہ معلوم نہ ہوسکا کہ اس کے باپ نے اسے خواہ مخواہ پاگل بنا کر اس کی زندگی کیوں تلخ کردی ہے۔

’’مگر آپ کے والد صاحب نے یہ حرکت کیوں کی؟‘‘

میں نے اس کی داستان میں گہر ی دلچسپی لیتے ہوئے کہا۔

’’مسٹر، وہ یہودی ہے۔ پکا یہودی۔ اس کو صرف اپنے طلائی سِکّوں سے غرض ہے اور بس۔ میں اس کے خون کا ایک حصّہ ہوں مگر یہ چیز اسکے دل پر اثر نہیں کرسکتی ہے۔ اگر اس نے مجھے پاگل بنایا ہے تو اس میں بھی کوئی بڑا راز مضمر ہے۔ وہ اس قدر نفس پرست ہے کہ مرنے کے بعد بھی وہ یہ نہیں چاہتا کہ اس کی جائیداد اس کے اپنے لڑکے کے ہاتھوں میں چلی جائے۔ دیکھئیے، میں نے تین سال ہُوئے بی۔ اے پاس کیا ہے، یہ علیحدہ بات ہے کہ میں کوئی نوکری حاصل نہیں کرسکا ہوں مگر میرے باپ کو یہ تو چاہیے کہ وہ مجھے اچھا خرچ دے۔ ‘‘

’’یقینا۔ ‘‘

میں نے پُرزور تائید کی۔

’’لیکن وہ مجھے صرف پانچ روپے ماہوار دیتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس نے میرے شباب کی تمام رنگینیوں پر اپنی ہوّس پرستیوں کی سیاہی الٹ دی ہے۔ میں آگرہ میں پڑا ہوں، میری بیوی دہلی میں ہے۔ میرے اس یہودی باپ نے میرے اور اس کے درمیان ایک خلیج حائل کردی ہے۔ میں اس سے بے حد محبت کرتا ہُوں۔ وہ خوبصورت اور پڑھی لکھی ہے، مگر وہ مجبور ہے۔ ہوسکتا ہے کہ وہ بھی مجھے پاگل سمجھتی ہو۔ اب میں اُس کا فیصلہ کردینا چاہتا ہوں، میں نے اپنی تین پتلونیں اور تین کوٹ بیچ دیئے ہیں۔ اب میں دہلی جارہا ہوں۔ دیکھا جائے گا جو ہو گا۔ ‘‘

’’آپ اپنی بیوی کے پاس جارہے ہیں۔ ‘‘

میں نے اُس سے دریافت کیا۔

’’جی ہاں۔ میں گھر میں بغیر اجازت لیے داخل ہو جاؤں گا اور وہاں سے اپنی بیوی کو لیے بغیر ہرگزہرگز نہ ٹلوں گا۔ اگرمیں پاگل ہُوں، تو ہُوں۔ مگر مجھے یقین ہے کہ سوشیلا(یہ کہتے ہوئے ذرا سا جھینپ گیا) میرے ساتھ چلنے کو تیار ہو گی۔ میں نے اُس کے لیے نمائش میں سے ایک اونی سوئٹر خریدا ہے۔ وہ اس کو یقیناً پسند کرے گی۔ کیا آپ اُسے دیکھنا پسند فرمائیں گے؟‘‘

’’اگر آپ کو ٹرنک وغیرہ کھولنے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ ‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’نہیں صاحب، یہ تو میں نے قمیض کے اندر خود پہن رکھا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اُٹھا اور کوٹ اتار دیا۔ پھر قمیض کو پتلون کی گرفت سے آزاد کرکے اُس نے اسے بھی اُتار دیا۔ وہ واقعی ایک رنگ برنگی فیتوں والا زنانہ سوئٹر پہنے ہوئے تھا۔

’’کیا آپ کو پسند ہے؟۔ یہ میں نے اس لیے پہن رکھا ہے کہ اگر سوشیلا نے اس کو لینے سے انکارکردیا تو میں اسے پہنے ہی رہوں گا۔ ‘‘

اس زنانہ سوئٹر میں وہ کس قدر عجیب معلوم ہوتا تھا۔

سعادت حسن منٹو

میرا نام رادھا ہے

یہ اس زمانے کا ذکر ہے جب اس جنگ کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔ غالباً آٹھ نو برس پہلے کی بات ہے۔ جب زندگی میں ہنگامے بڑے سلیقے سے آتے تھے۔ آج کی کل طرح نہیں۔ بے ہنگم طریقے پر پے در پے حادثے برپا ہورہے ہیں، کسی ٹھوس وجہ کے بغیر اس وقت میں چالیس روپیہ ماہوار پر ایک فلم کمپنی میں ملازم تھا اور میری زندگی بڑے ہموارطریقے پر افتاں و خیزاں گزر رہی تھی۔ یعنی صبح دس بجے اسٹوڈیو گئے، نیاز محمد ولن کی بلیوں کو دو پیسے کا دُودھ پلایا۔ چالو فلم کے لیے چالو قسم کے مکالمے لکھے۔ بنگالی ایکٹرس سے جو اس زمانے میں بلبل بنگال کہلاتی تھی، تھوڑی دیر مذاق کیا اور دادا گورے کی جو اس عہد کا سب سے بڑا فلم ڈائریکٹر تھا، تھوڑی سی خوشامد کی اور گھر چلے آئے۔ جیسا کہ میں عرض کر چکا ہوں، زندگی بڑے ہموار طریقے پر افتاں و خیزاں گزر رہی تھی اسٹوڈیو کا مالک ’ہر مزجی فرام جی‘ جو موٹے موٹے لال گالوں والا موجی قسم کا ایرانی تھا، ایک ادھیڑ عمر کی خوجہ ایکٹرس کی محبت میں گرفتار تھا۔ ہر نو وارد لڑکی کے پستان ٹٹول کر دیکھنا اس کا شغل تھا۔ کلکتہ کے بو بازار کی ایک مسلمان رنڈی تھی جو اپنے ڈائریکٹر، ساونڈ ریکارڈسٹ اور اسٹوری رائٹر تینوں سے بیک وقت عشق لڑا رہی تھی۔ اس عشق کا مطلب یہ تھا کہ ان تینوں کا التفات اس کے لیے خاص طور پر محفوظ رہے۔

’’بن کی سندری‘‘

کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ نیاز محمد ولن کی جنگلی بلیوں کو جو اس نے خدا معلوم اسٹوڈیو کے لوگوں پرکیا اثر پیدا کرنے کے لیے پال رکھی تھیں، دو پیسے کا دودھ پلا کر میں ہر روز اس

’’بن کی سندری‘‘

کے لیے ایک غیر مانوس زبان میں مکالمے لکھا کرتا تھا۔ اس فلم کی کہانی کیا تھی، پلاٹ کیسا تھا، اس کا علم جیسا کہ ظاہر ہے، مجھے بالکل نہیں تھا کیونکہ میں اس زمانے میں ایک منشی تھا جس کا کام صرف حکم ملنے پر جو کچھ کہا جائے، غلط ملط اُردو میں جو ڈ ائریکٹر صاحب کی سمجھ میں آجائے، پنسل سے ایک کاغذ پر لکھ کر دینا ہوتا تھا۔ خیر

’’بن کی سندری‘‘

کی شوٹنگ چل رہی تھی اور یہ افواہ گرم تھی کہ دیمپ کا پارٹ ادا کرنے کے لیے ایک نیا چہرہ سیٹھ ہرمزجی فرام جی کہیں سے لارہے ہیں۔ ہیرو کا پارٹ راج کشور کو دیا گیا تھا۔ راج کشور راولپنڈی کا ایک خوش شکل اور صحت مند نوجوان تھا۔ اس کے جسم کے متعلق لوگوں کا یہ خیال تھا کہ بہت مردانہ اور سڈول ہے۔ میں نے کئی مرتبہ اس کے متعلق غور کیا مگر مجھے اس کے جسم میں جو یقیناً کسرتی اور متناسب تھا، کوئی کشش نظر نہ آئی۔ مگر اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ میں بہت ہی دُبلا اور مریل قسم کا انسان ہوں اور اپنے ہم جنسوں کے متعلق سوچنے کا عادی ہوں۔ مجھے راج کشور سے نفرت نہیں تھی، اس لیے کہ میں نے اپنی عمر میں شاذونادر ہی کسی انسان سے نفرت کی ہے، مگر وہ مجھے کچھ زیادہ پسند نہیں تھا۔ اس کی وجہ میں آہستہ آہستہ آپ سے بیان کروں گا۔ راج کشور کی زبان اس کا لب و لہجہ جو ٹھیٹ راولپنڈی کا تھا۔ مجھے بے حد پسند تھا۔ میرا خیال ہے کہ پنجابی زبان میں اگر کہیں خوبصورت قسم کی شیرینی ملتی ہے تو راولپنڈی کی زبان ہی میں آپ کو مل سکتی ہے۔ اس شہر کی زبان میں ایک عجیب قسم کی مردانہ نسائیت ہے جس میں بیک وقت مٹھاس اور گھلاوٹ ہے۔ اگر راولپنڈی کی کوئی عورت آپ سے بات کرے تو ایسا لگتا ہے کہ لذیذ آم کا رس آپ کے منہ میں چوایا جارہاہے۔ مگر میں آموں کی نہیں راج کشور کی بات کررہا ہوں جو مجھے آم سے بہت کم عزیز تھا۔ راج کشور جیسا کہ میں عرض کر چکا ہوں ایک خوش شکل اور صحت مند نوجوان تھا۔ یہاں تک بات ختم ہو جاتی تو مجھے کوئی اعتراض نہ ہوتا مگر مصیبت یہ ہے کہ اسے یعنی کشور کو خود اپنی صحت اور اپنے خوش شکل ہونے کا احساس تھا۔ ایسا احساس جو کم از کم میرے لیے ناقابلِ قبول تھا۔ صحت مند ہونا بڑی اچھی چیز ہے مگر دوسروں پر اپنی صحت کو بیماری بنا کر عائد کرنا بالکل دوسری چیز ہے۔ راج کشور کو یہی مرض لاحق تھا کہ وہ اپنی صحت اپنی تندرستی، اپنے متناسب اور سڈول اعضا کی غیر ضروری نمائش کے ذریعے ہمیشہ دوسرے لوگوں کو جواس سے کم صحت مند تھے، مرعوب کرنے کی کوشش میں مصروف رہتا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں دائمی مریض ہوں، کمزور ہوں، میرے ایک پھیپھڑے میں ہوا کھینچنے کی طاقت بہت کم ہے مگر خدا واحد شاہد ہے کہ میں نے آج تک اس کمزوری کا کبھی پروپیگنڈا نہیں کیا، حالانکہ مجھے اس کا پوری طرح علم ہے کہ انسان اپنی کمزوریوں سے اسی طرح فائدہ اٹھا سکتا ہے جس طرح کہ اپنی طاقتوں سے اُٹھا سکتا ہے مگر ایمان ہے کہ ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ خوبصورتی میرے نزدیک وہ خوبصورتی ہے جس کی دوسرے بلند آواز میں نہیں بلکہ دل ہی دل میں تعریف کریں۔ میں اس صحت کو بیماری سمجھتا ہوں جو نگاہوں کے ساتھ پتھر بن کر ٹکراتی رہے۔ راج کشور میں وہ تمام خوبصورتیاں موجود تھیں جو ایک نوجوان مرد میں ہونی چاہئیں۔ مگر افسوس ہے کہ اسے ان خوبصورتیوں کا نہایت ہی بھونڈا مظاہرہ کرنے کی عادت تھی۔ آپ سے بات کررہا ہے اور اپنے ایک بازو کے پٹھے اکڑا رہا ہے، اور خود ہی داد دے رہا ہے۔ نہایت ہی اہم گفتگو ہورہی ہے یعنی سوراج کا مسئلہ چھڑا ہے اور وہ اپنے کھادی کے کرتے کے بٹن کھول کر اپنے سینے کی چوڑائی کا اندازہ کررہا ہے۔ میں نے کھادی کے کرتے کا ذکر کیا تو مجھے یاد آیا کہ راج کشور پکا کانگرسی تھا، ہو سکتا ہے وہ اسی وجہ سے کھادی کے کپڑے پہنتا ہو، مگر میرے دل میں ہمیشہ اس بات کی کھٹک رہی ہے کہ اسے اپنے وطن سے اتنا پیار نہیں تھا جتنا کہ اسے اپنی ذات سے تھا۔ بہت لوگوں کا خیال تھا کہ راج کشور کے متعلق جو میں نے رائے قائم کی ہے، سراسر غلط ہے اس لیے کہ اسٹوڈیو اور اسٹوڈیو کے باہر ہر شخص اس کا مداح تھا اس کے جسم کا، اس کے خیالات کا، اس کی سادگی کا، اس کی زبان کا جو خاص راولپنڈی کی تھی اور مجھے بھی پسند تھی۔ دوسرے ایکٹروں کی طرح وہ الگ تھلگ رہنے کا عادی نہیں تھا۔ کانگریس پارٹی کا کوئی جلسہ ہو تو راج کشور کو آپ وہاں ضرور پائیں گے۔ کوئی ادبی میٹنگ ہورہی ہے تو راج کشور وہاں ضرور پہنچے گا اپنی مصروف زندگی میں سے وہ اپنے ہمسایوں اور معمولی جان پہچان کے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونے کے لیے بھی وقت نکال لیا کرتا تھا۔ سب فلم پروڈیوسر اس کی عزت کرتے تھے کیونکہ اس کے کیریکٹر کی پاکیزگی کا بہت شہرہ تھا۔ فلم پروڈیوسروں کو چھوڑیئے، پبلک کو بھی اس بات کا اچھی طرح علم تھاکہ راج کشور ایک بہت بلند کردار کا مالک ہے۔ فلمی دنیا میں رہ کسی شخص کا گناہ کے دھبوں سے پاک رہنا بہت بڑی بات ہے یوں تو راج کشور ایک کامیاب ہیرو تھا مگر اس کی خوبی نے اسے ایک بہت ہی اونچے رتبے پر پہنچا دیا تھا۔ ناگپاڑے میں جب شام کو پان والے کی دکان پر بیٹھتا تھا تو اکثر ایکٹر ایکٹرسوں کی باتیں ہوا کرتی تھیں۔ قریب قریب ہر ایکٹر اور ایکٹرس کے متعلق کوئی نہ کوئی اسکینڈل مشہور تھا مگر راج کشور کا جب بھی ذکر آتا، شام لال پنواڑی بڑے فخریہ لہجے میں کہا کرتا۔

’’منٹو صاحب! راج بھائی ہی ایسا ایکٹر ہے جو لنگوٹ کا پکا ہے۔ ‘‘

معلوم نہیں شام لال اسے راج بھائی کیسے کہنے لگا تھا اس کے متعلق مجھے اتنی زیادہ حیرت نہیں تھی، اس لیے کہ راج بھائی کی معمولی سے معمولی بات بھی ایک کارنامہ بن کر لوگوں تک پہنچ جاتی تھی۔ مثلاً باہر کے لوگوں کو اس کی آمدن کا پورا حساب معلوم تھا۔ اپنے والد کو ماہوار خرچ کیا دیتا ہے، یتیم خانوں کے لیے کتنا چندہ دیتا ہے، اس کا اپنا جیب خرچ کیا ہے یہ سب باتیں لوگوں کو اس طرح معلوم تھیں جیسے انھیں ازبر کرائی گئی ہیں۔ شام لال نے ایک روز مجھے بتایا کہ راج بھائی کا اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ بہت ہی اچھا سلوک ہے۔ اس زمانے میں جب آمدن کا کوئی ذریعہ نہیں تھا، باپ اور اسکی نئی بیوی اسے طرح طرح کے دکھ دیتے تھے۔ مگر مرحبا ہے راج بھائی کا کہ اس نے اپنا فرض پورا کیا اور ان کو سر آنکھوں پر جگہ دی۔ اب دونوں چھپر کھٹوں پر بیٹھے راج کرتے ہیں، ہر روز صبح سویرے راج اپنی سوتیلی ماں کے پاس جاتا ہے اور اس کے چرن چھوتا ہے۔ باپ کے سامنے ہاتھ جوڑ کے کھڑا ہو جاتا ہے اور جو حکم ملے، فوراً بجا لاتا ہے۔ آپ برا نہ مانیے گا، مجھے راج کشور کی تعریف و توصیف سن کر ہمیشہ الجھن سی ہوتی ہے، خدا جانے کیوں۔ میں جیسا کہ پہلے عرض کرچکا ہوں، مجھے اس سے حاشا و کلاّ نفرت نہیں تھی۔ اس نے مجھے کبھی ایسا موقع نہیں دیا تھا، اور پھر اس زمانے میں جب منشیوں کی کوئی عزت و وقعت ہی نہیں تھی وہ میرے ساتھ گھنٹوں باتیں کیا کرتا تھا۔ میں نہیں کہہ سکتا کیا وجہ تھی، لیکن ایمان کی بات ہے کہ میرے دل و دماغ کے کسی اندھیرے کونے میں یہ شک بجلی کی طرح کوند جاتا کہ راج بن رہا ہے۔ راج کی زندگی بالکل مصنوعی ہے۔ مگر مصیبت یہ ہے کہ میرا کوئی ہم خیال نہیں تھا۔ لوگ دیو تاؤں کی طرح اس کی پوجا کرتے تھے اور میں دل ہی دل میں اس سے کڑھتا رہتا تھا۔ راج کی بیوی تھی، راج کے چار بچے تھے، وہ اچھا خاوند اور اچھا باپ تھا۔ اس کی زندگی پر سے چادر کا کوئی کونہ بھی اگر ہٹا کر دیکھا جاتا تو آپ کو کوئی تاریک چیز نظر نہ آتی۔ یہ سب کچھ تھا، مگر اس کے ہوتے ہوئے بھی میرے دل میں شک کی گدگدی ہوتی ہی رہتی تھی۔ خدا کی قسم مَیں نے کئی دفعہ اپنے آپ کو لعنت ملامت کی کہ تم بڑے ہی واہیات ہو کہ ایسے اچھے انسان کو جسے ساری دنیا اچھا کہتی ہے اور جس کے متعلق تمہیں کوئی شکایت بھی نہیں، کیوں بے کار شک کی نظروں سے دیکھتے ہو۔ اگر ایک آدمی اپنا سڈول بدن بار بار دیکھتا ہے تو یہ کون سی بُری بات ہے۔ تمہارا بدن بھی اگر ایسا ہی خوبصورت ہوتا تو بہت ممکن ہے کہ تم بھی یہی حرکت کرتے۔ کچھ بھی ہو، مگر میں اپنے دل و دماغ کو کبھی آمادہ نہ کرسکا کہ وہ راج کشور کو اسی نظر سے دیکھے جس سے دوسرے دیکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ میں دورانِ گفتگو میں اکثر اس سے الجھ جایا کرتا تھا۔ میرے مزاج کے خلاف کوئی بات کی اور میں ہاتھ دھو کر اس کے پیچھے پڑ گیا لیکن ایسی چپقلشوں کے بعد ہمیشہ اس کے چہرے پر مسکراہٹ اور میرے حلق میں ایک ناقابل بیان تلخی رہی، مجھے اس سے اور بھی زیادہ الجھن ہوتی تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی زندگی میں کوئی اسکینڈل نہیں تھا۔ اپنی بیوی کے سوا کسی دوسری عورت کا میلا یا اُجلا دامن اس سے وابستہ نہیں تھا۔ میں یہ بھی تسلیم کرتا ہوں کہ وہ سب ایکٹرسوں کو بہن کہہ کر پُکارتا تھا اور وہ بھی اسے جواب میں بھائی کہتی تھیں۔ مگر میرے دل نے ہمیشہ میرے دماغ سے یہی سوال کیا کہ یہ رشتہ قائم کرنے کی ایسی اشد ضرورت ہی کیا ہے۔ بہن بھائی کا رشتہ کچھ اور ہے مگر کسی عورت کو اپنی بہن کہنا اس انداز سے جیسے یہ بورڈ لگایا جارہا ہے کہ سڑک بند ہے یا

’’یہاں پیشاب کرنا منع ہے‘‘

بالکل دوسری بات ہے۔ اگر تم کسی عورت سے جنسی رشتہ قائم نہیں کرنا چاہتے تو اس کا اعلان کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ اگر تمہارے دل میں تمہاری بیوی کے سوا اور کسی عورت کا خیال داخل نہیں ہو سکتا تو اس کا اشتہار دینے کی کیا ضرورت ہے۔ یہی اور اسی قسم کی دوسری باتیں چونکہ میری سمجھ میں نہیں آتی تھیں، اس لیے مجھے عجیب قسم کی الجھن ہوتی تھی۔ خیر!

’’بن کی سندری‘‘

کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ اسٹوڈیو میں خاصی چہل پہل تھی ہر روز ایکسٹرا لڑکیاں آتی تھیں۔ جن کے ساتھ ہمارا دن ہنسی مذاق میں گزر جاتا تھا۔ ایک روز نیاز محمد ولن کے کمرے میں میک اپ ماسٹر جسے ہم استاد کہتے تھے، یہ خبر لے کر آیا کہ ویمپ کے رول کے لیے جو نئی لڑکی آنے والی تھی، آگئی ہے اور بہت جلد اس کا کام شروع ہو جائے گا۔ اس وقت چائے کا دور چل رہا تھا۔ کچھ اس کی حرارت تھی۔ کچھ اس خبر نے ہم کو گرما دیا۔ اسٹوڈیو میں ایک نئی لڑکی کا داخلہ ہمیشہ ایک خوشگوار حادثہ ہوا کرتا ہے، چنانچہ ہم سب نیاز محمد ولن کے کمرے سے نکل کر باہر چلے آئے تاکہ اس کا دیدار کیا جائے۔ شام کے وقت جب سیٹھ ہرمزجی فرام جی آفس سے نکل کر عیسیٰ طبلچی کی چاندی کی ڈبیا سے دو خوشبودار تمباکو والے پان اپنے چوڑے کلے میں دبا کر بلیئرڈ کھیلنے کے کمرے کا رخ کررہے تھے کہ ہمیں وہ لڑکی نظر آئی۔ سانولے رنگ کی تھی، بس میں صرف اتنا ہی دیکھ سکا کیونکہ وہ جلدی جلدی سیٹھ کے ساتھ ہاتھ ملا کر اسٹوڈیو کی موٹر میں بیٹھ کر چلی گئی۔ کچھ دیر کے بعد مجھے نیاز محمد نے بتایا کہ اس عورت کے ہونٹ موٹے تھے۔ وہ غالباً صرف ہونٹ ہی دیکھ سکا تھا۔ استاد جس نے شاید اتنی جھلک بھی نہ دیکھی تھی، سر ہلا کر بولا۔

’’ہونہہ۔ کنڈم‘‘

۔ یعنی بکواس ہے۔ چار پانچ روز گزر گئے مگر یہ نئی لڑکی اسٹوڈیو میں نہ آئی۔ پانچویں یا چھٹے روز جب میں گلاب کے ہوٹل سے چائے پی کر نکل رہا تھا، اچانک میری اور اس کی مڈبھیڑ ہو گئی۔ میں ہمیشہ عورتوں کو چور آنکھ سے دیکھنے کا عادی ہوں۔ اگر کوئی عورت ایک دم میرے سامنے آجائے تو مجھے اس کا کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ چونکہ غیر متوقع طور پر میری اسکی مڈبھیڑ ہوئی تھی، اس لیے میں اس کی شکل و شباہت کے متعلق کوئی اندازہ نہ کرسکا، البتہ پاؤں میں نے ضرور دیکھے جن میں نئی وضع کے سلیپر تھے۔ لیبارٹری سے اسٹوڈیو تک جو روش جاتی ہے، اس پر مالکوں نے بجری بچھا رکھی ہے۔ اس بجری میں بے شمار گول گول بٹیاں ہیں جن پر سے جوتا بار بار پھسلتا ہے۔ چونکہ اس کے پاؤں میں کھلے سلیپر تھے، اس لیے چلنے میں اسے کچھ زیادہ تکلیف محسوس ہورہی تھی۔ اس ملاقات کے بعد آہستہ آہستہ مس نیلم سے میری دوستی ہو گئی۔ اسٹوڈیو کے لوگوں کو تو خیر اس کا علم نہیں تھا مگر اس کے ساتھ میرے تعلقات بہت ہی بے تکلف تھے۔ اس کا اصلی نام رادھا تھا۔ میں نے جب ایک بار اس سے پوچھا کہ تم نے اتنا پیارا نام کیوں چھوڑ دیا تو اس نے جواب دیا۔

’’یونہی۔ ‘‘

مگر پھر کچھ دیر کے بعد کہا۔

’’یہ نام اتنا پیارا ہے کہ فلم میں استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ‘‘

آپ شاید خیال کریں کہ رادھا مذہبی خیال کی عورت تھی۔ جی نہیں، اسے مذہب اور اس کے توہمات سے دُور کا بھی واسطہ نہیں تھا۔ لیکن جس طرح میں ہر نئی تحریر شروع کرنے سے پہلے کاغذ پر’بسم اللہ ‘کے اعداد ضرور لکھتا ہوں، اسی طرح شاید اسے بھی غیر ارادی طور پر رادھا کے نام سے بے حد پیار تھا۔ چونکہ وہ چاہتی تھی کہ اسے رادھا نہ کہا جائے۔ اس لیے میں آگے چل کر اسے نیلم ہی کہوں گا۔ نیلم بنارس کی ایک طوائف زادی تھی۔ وہیں کا لب و لہجہ جو کانوں کو بہت بھلا معلوم ہوتا تھا میرا نام سعادت ہے مگر وہ مجھے ہمیشہ صادق ہی کہا کرتی تھی۔ ایک دن میں نے اس سے کہا

’’نیلم! میں جانتا ہوں تم مجھے سعادت کہہ سکتی ہو، پھر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ تم اپنی اصلاح کیوں نہیں کرتیں۔ ‘‘

یہ سن کر اس کے سانولے ہونٹوں پر جو بہت ہی پتلے تھے ایک خفیف سی مسکراہٹ نمودار ہوئی اور اس نے جواب دیا۔

’’جو غلطی مجھ سے ایک بار ہو جائے، میں اسے ٹھیک کرنے کی کوشش نہیں کرتی۔ ‘‘

میرا خیال ہے بہت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ عورت جسے اسٹوڈیو کے تمام لوگ ایک معمولی ایکٹرس سمجھتے تھے، عجیب و غریب قسم کی انفرادیت کی مالک تھی۔ اس میں دوسری ایکٹرسوں کا سا اوچھا پن بالکل نہیں تھا۔ اس کی سنجیدگی جسے اسٹوڈیو کا ہر شخص اپنی عینک سے غلط رنگ میں دیکھتا تھا، بہت پیاری چیز تھی۔ اس کے سانولے چہرے پر جس کی جلد بہت ہی صاف اور ہموار تھی، یہ سنجیدگی، یہ ملیح متانت موزوں و مناسب غازہ بن گئی تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس سے اس کی آنکھوں میں اس کے پتلے ہونٹوں کے کونوں میں، غم کی بے معلوم تلخیاں گھل گئی تھیں مگر یہ واقعہ ہے کہ اس چیز نے اسے دوسری عورتوں سے بالکل مختلف کردیا تھا۔ میں اس وقت بھی حیران تھا اور اب بھی ویسا ہی حیران ہوں کہ نیلم کو

’’بن کی سندری‘‘

میں ویمپ کے رول کے لیے کیوں منتخب کیا گیا اس لیے کہ اس میں تیزی و طراری نام کو بھی نہیں تھی۔ جب وہ پہلی مرتبہ اپنا واہیات پارٹ ادا کرنے کے لیے تنگ چولی پہن کر سیٹ پر آئی تو میری نگاہوں کو بہت صدمہ پہنچا۔ وہ دوسروں کا ردِّ عمل فوراً تاڑ جاتی تھی۔ چنانچہ مجھے دیکھتے ہی اس نے کہا۔

’’ڈائریکٹر صاحب کہہ رہے تھے کہ تمہارا پارٹ چونکہ شریف عورت کا نہیں ہے، اس لیے تمہیں اس قسم کا لباس دیا گیا ہے۔ میں نے ان سے کہا اگر یہ لباس ہے تو میں آپ کے ساتھ ننگی چلنے کے لیے تیار ہُوں۔ ‘‘

میں نے اس سے پوچھا۔

’’ڈائریکٹر صاحب نے یہ سُن کر کیا کہا؟‘‘

نیلم کے پتلے ہونٹوں پر ایک خفیف سی پُراسرار مسکراہٹ نمودار ہُوئی،

’’انھوں نے تصور میں مجھے ننگی دیکھنا شروع کر دیا۔ یہ لوگ بھی کتنے احمق ہیں۔ یعنی اس لباس میں مجھے دیکھ کر بے چارے تصور پر زور ڈالنے کی ضرورت ہی کیا تھی!‘‘

ذہین قاری کے لیے نیلم کا اتنا تعارف ہی کافی ہے۔ اب میں ان واقعات کی طرف آتا ہوں جن کی مدد سے میں یہ کہانی مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ بمبئی میں جون کے مہینے سے بارش شروع ہو جاتی ہے اور ستمبر کے وسط تک جاری رہتی ہے۔ پہلے دو ڈھائی مہینوں میں اس قدر پانی برستا ہے کہ اسٹوڈیو میں کام نہیں ہوسکتا۔

’’بن کی سندری‘‘

کی شوٹنگ اپریل کے اواخر میں شروع ہوئی تھی۔ جب پہلی بارش ہوئی تو ہم اپنا تیسرا سیٹ مکمل کررہے تھے۔ ایک چھوٹا سا سین باقی رہ گیا تھا جس میں کوئی مکالمہ نہیں تھا، اس لیے بارش میں بھی ہم نے اپنا کام جاری رکھا۔ مگر جب یہ کام ختم ہو گیا تو ہم ایک عرصے کے لیے بے کار ہو گئے۔ اس دوران میں اسٹوڈیو کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بیٹھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔ میں تقریباً سارا دن گلاب کے ہوٹل میں بیٹھا چائے پیتا رہتا تھا۔ جو آدمی بھی اندر آتا تھا تو سارے کا سارا بھیگا ہوتا تھا یا آدھا۔ باہر کی سب مکھیاں پناہ لینے کے لیے اندر جمع ہو گئی تھیں۔ اس قدر غلیظ فضا تھی کہ الاماں۔ ایک کرسی پر چائے نچوڑنے کا کپڑا پڑا ہے، دوسری پر پیاز کاٹنے کی بدبودار چھری پڑی جھک مار رہی ہے۔ گلاب صاحب پاس کھڑے ہیں اور اپنے ماس خورہ لگے دانتوں تلے بمبئی کی اُردو چبا رہے ہیں:

’’تم ادھر جانے کو نہیں سکتا۔ ہم ادھر سے جاکے آتا۔ بہت لفڑا ہو گا۔ ہاں۔ بڑا واندا ہو جائیں گا۔ اس ہوٹل میں جس کی چھت کو روگٹیڈ اسٹیل کی تھی، سیٹھ ہرمزجی فرام جی، ان کے سالے ایڈل جی اور ہیروئنوں کے سوا سب لوگ آتے تھے۔ نیاز محمد کو تو دن میں کئی مرتبہ یہاں آنا پڑتا تھا کیونکہ وہ چُنی مُنی نام کی دو بلیاں پال رہا تھا۔ راج کشور دن میں ایک چکر لگا جاتا تھا۔ جونہی وہ اپنے لمبے قد اور کسرتی بدن کے ساتھ دہلیز پر نمودار ہوتا، میرے سوا ہوٹل میں بیٹھے ہُوئے تمام لوگوں کی آنکھیں تمتما اُٹھتیں۔ اکسٹرا لڑکے اٹھ اٹھ کر راج بھائی کو کرسی پیش کرتے اور جب وہ ان میں سے کسی کی پیش کی ہوئی کرسی پر بیٹھ جاتا تو سارے پروانوں کی مانند اس کے گرد جمع ہو جاتے۔ اس کے بعد دو قسم کی باتیں سُننے میں آتیں۔ اکسٹرا لڑکوں کی زبان پر پرانی فلموں میں راج بھائی کے کام کی تعریف کی، اور خود راج کشور کی زبان پر اس کے اسکول چھوڑ کر کالج اور کالج چھوڑ کر فلمی دنیا میں داخل ہونے کی تاریخ۔ چونکہ مجھے یہ سب باتیں زبانی یاد ہو چکی تھیں اس لیے جونہی راج کشور ہوٹل میں داخل ہوتا میں اس سے علیک سلیک کرنے کے بعد باہر نکل جاتا۔ ایک روز جب بارش تھمی ہوئی تھی اور ہرمزجی فرام جی کا السیشنکتا نیاز محمد کی دو بلیوں سے ڈر کر گلاب کے ہوٹل کی طرف دُم دبائے بھاگا آرہا تھا۔ میں نے مولسری کے درخت کے نیچے بنے ہوئے گول چبوترے پر نیلم اور راج کشور کو باتیں کرتے ہوئے دیکھا۔ راج کشور کھڑا حسبِ عادت ہولے ہولے جھول رہا تھا۔ جس کا مطلب یہ تھا کہ وہ اپنے خیال کے مطابق نہایت ہی دلچسپ باتیں کررہا ہے۔ مجھے یاد نہیں کہ نیلم سے راج کشور کا تعارف کب اور کس طرح ہوا تھا، مگر نیلم تو اسے فلمی دنیا میں داخل ہونے سے پہلے ہی اچھی طرح جانتی تھی اور شاید ایک دو مرتبہ اس نے مجھ سے برسبیل تذکرہ اس کے متناسب اور خوبصورت جسم کی تعریف بھی کی تھی۔ میں گلاب کے ہوٹل سے نکل کر ریکاڈنگ روم کے چھجے تک پہنچا تو راج کشور نے اپنے چوڑے کاندھے پر سے کھادی کا تھیلہ ایک جھٹکے کے ساتھ اتارا اور اسے کھول کر ایک موٹی کاپی باہر نکالی۔ میں سمجھ گیا۔ یہ راج کشور کی ڈائری تھی۔ ہر روز تمام کاموں سے فارغ ہو کر اپنی سوتیلی ماں کا اشیرواد لے کر راج کشور سونے سے پہلے ڈائری لکھنے کا عادی ہے۔ یوں تو اسے پنجابی زبان بہت عزیز ہے مگر یہ روزنامچہ انگریزی میں لکھتا ہے جس میں کہیں ٹیگور کے نازک اسٹائل کی اور کہیں گاندھی کے سیاسی طرز کی جھلک نظر آتی ہے۔ اس کی تحریر پر شیکسپیئر کے ڈراموں کا اثر بھی کافی ہے۔ مگر مجھے اس مرکب میں لکھنے والے کا خلوص کبھی نظر نہیں آیا۔ اگر یہ ڈائری آپ کوکبھی مل جائے تو آپ کو راج کشور کی زندگی کے دس پندرہ برسوں کا حال معلوم ہو سکتا ہے، اس نے کتنے روپے چندے میں دیے کتنے غریبوں کو کھانا کھلایا، کتنے جلسوں میں شرکت کی، کیا پہنا، کیا اُتارا۔ اور اگر میرا قیافہ درست ہے تو آپ کو اس ڈائری کے کسی ورق پر میرے نام کے ساتھ پینتیس روپے بھی نظر آجائیں گے جو میں نے اس سے ایک بار قرض لیے تھے اور اس خیال سے ابھی تک واپس نہیں کیے کہ وہ اپنی ڈائری میں ان کی واپسی کا ذکر کبھی نہیں کرے گا۔ خیر۔ نیلم کو وہ اس ڈائری کے چند اوراق پڑھ کر سُنا رہا تھا۔ میں نے دُور ہی سے اس کے خوبصورت ہونٹوں کی جنبش سے معلوم کرلیا کہ وہ شیکسپیئرین انداز میں پربھو کی حمد بیان کررہا ہے۔ نیلم، مولسری کے درخت کے نیچے گول سیمنٹ لگے چبوترے پر خاموش بیٹھی تھی۔ اس کے چہرے کی ملیح متانت پر راج کشور کے الفاظ کوئی اثر پیدا نہیں کررہے تھے۔ وہ راج کشور کی اُبھری ہوئی چھاتی کی طرف دیکھ رہی تھی۔ اس کے کرتے کے بٹن کھلے تھے، اور سفید بدن پر اس کی چھاتی کے کالے بال بہت ہی خوبصورت معلوم ہوتے تھے۔ اسٹوڈیو میں چاروں طرف ہر چیز دُھلی ہُوئی تھی۔ نیاز محمد کی دو بلیاں بھی عام طور پر غلیظ رہا کرتی تھیں، اس روز بہت صاف ستھری دکھائی دے رہی تھیں۔ دونوں سامنے بنچ پر لیٹی نرم نرم پنجوں سے اپنا منہ دھو رہی تھیں۔ نیلم جارجٹ کی بے داغ سفید ساڑھی میں ملبوس تھی۔ بلاؤز سفید لنن کا تھا جو اس کی سانولی اور سڈول انھوں کے ساتھ ایک نہایت ہی خوشگوار اور مدھم سا تضاد پیدا کررہا تھا۔ اتنی مختلف کیوں دکھائی دے رہی ہے؟ ایک لحظے کے لیے یہ سوال میرے دماغ میں پیدا ہوا اور ایک دم اس کی اور میری آنکھیں چار ہوئیں تو مجھے اس کی نگاہ کے اضطراب میں اپنے سوال کا جواب مل گیا۔ نیلم محبت میں گرفتار ہو چکی تھی۔ اس نے ہاتھ کے اشارے سے مجھے بُلایا۔ تھوڑی دیر ادھر ادھر کی باتیں ہوئیں۔ جب راج کشور چلا گیا تو اس نے مجھ سے کہا۔

’’آج آپ میرے ساتھ چلیے گا!‘‘

شام کو چھ بجے میں نیلم کے مکان پر تھا۔ جونہی ہم اندر داخل ہُوئے اس نے اپنا بیگ صوفے پر پھینکا اور مجھ سے نظر ملائے بغیر کہا۔

’’آپ نے جو کچھ سوچا ہے غلط ہے۔ ‘‘

میں اس کا مطلب سمجھ گیا۔ چنانچہ میں نے جواب دیا۔

’’تمہیں کیسے معلوم ہوا کہ میں نے کیا سوچا تھا۔ ؟‘‘

اس کے پتلے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔

’’اس لیے ہم دونوں نے ایک ہی بات سوچی تھی۔ آپ نے شاید بعد میں غور نہیں کیا۔ مگر میں بہت سوچ بچار کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ ہم دونوں غلط تھے۔ ‘‘

’’اگر میں کہوں کہ ہم دونوں صحیح تھے۔ ‘‘

اس نے صوفے پر بیٹھتے ہوئے کہا۔

’’تو ہم دونوں بیوقوف ہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر فوراً ہی اس کے چہرے کی سنجیدگی اور زیادہ سنولا گئی۔

’’صادق یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ میں بچی ہوں جو مجھے اپنے دل کا حال معلوم نہیں۔ تمہار خیال کے مطابق میری عمر کیا ہو گی؟‘‘

’’بائیس برس۔ ‘‘

’’بالکل درست۔ لیکن تم نہیں جانتے کہ دس برس کی عمر میں مجھے محبت کے معنی معلوم تھے۔ معنی کیا ہُوئے جی۔ خدا کی قسم میں محبت کرتی تھی۔ دس سے لے کر سولہ برس تک میں ایک خطرناک محبت میں گرفتار رہی ہُوں۔ میرے دل میں اب کیا خاک کسی کی محبت پیدا ہو گی۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے میرے منجمد چہرے کی طرف دیکھا اور مضطرب ہو کر کہا۔

’’تم کبھی نہیں مانو گے میں تمہارے سامنے اپنا دل نکال کر رکھ دوں، پھر بھی تم یقین نہیں کرو گے میں تمہیں اچھی طرح جانتی ہُوں۔ بھئی خدا کی قسم، وہ مر جائے جو تم سے جھوٹ بولے۔ میرے دل میں اب کسی کی محبت پیدا نہیں ہوسکتی، لیکن اتنا ضرور ہے کہ۔ ‘‘

یہ کہتے کہتے وہ ایک دم رک گئی۔ میں نے اس سے کچھ نہ کہا کیونکہ وہ گہرے فکر میں غرق ہو گئی تھی۔ شاید وہ سوچ رہی تھی کہ

’’اتنا ضرور‘‘

کیا ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد اس کے پتلے ہونٹوں پر وہی خفیف پراسرار مسکراہٹ نمودار ہُوئی جس سے اس کے چہرے کی سنجیدگی میں تھوڑی سی عالمانہ شرارت پیدا ہو جاتی تھی۔ صوفے پر سے ایک جھٹکی کے ساتھ اُٹھ کر اس نے کہنا شروع کیا۔

’’میں اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ یہ محبت نہیں ہے اور کوئی بلا ہو تو میں کہہ نہیں سکتی صادق میں تمہیں یقین دلاتی ہوں۔ ‘‘

میں نے فوراً ہی کہا۔

’’یعنی تم اپنے آپ کو یقین دلاتی ہو۔ ‘‘

وہ جل گئی۔

’’تم بہت کمینے ہو۔ کہنے کا ایک ڈھنگ ہوتا ہے۔ آخر تمہیں یقین دلانے کی مجھے ضرورت ہی کیا پڑی ہے۔ میں اپنے آپ کو یقین دلا رہی ہوں، مگر مصیبت یہ ہے کہ آنہیں رہا۔ کیا تم میری مدد نہیں کرسکتے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ میرے پاس بیٹھ گئی اور اپنے داہنے ہاتھ کی چھنگلیا پکڑ کر مجھ سے پوچھنے لگی۔

’’راج کشور کے متعلق تمہارا کیا خیال ہے۔ میرا مطلب ہے تمہارے خیال کے مطابق راج کشور میں وہ کون سی چیز ہے جو مجھے پسند آئی ہے۔ ‘‘

چھنگلیا چھوڑ کر اس نے ایک ایک کرکے دوسری انگلیاں پکڑنی شروع کیں۔

’’مجھے اس کی باتیں پسند نہیں۔ مجھے اس کی ایکٹنگ پسند نہیں۔ مجھے اس کی ڈائری پسند نہیں، جانے کیا خرافات سُنا رہا تھا۔ ‘‘

خود ہی تنگ آکر وہ اُٹھ کھڑی ہُوئی۔

’’سمجھ میں نہیں آتا مجھے کیا ہو گیا ہے۔ بس صرف یہ جی چاہتا ہے کہ ایک ہنگامہ ہو۔ بلیوں کی لڑائی کی طرح شور مچے، دُھول اُڑے۔ اور میں پسینہ پسینہ ہو جاؤں۔ ‘‘

پھر ایک دم وہ میری طرف پلٹی۔

’’صادق۔ تمہارا کیا خیال ہے۔ میں کیسی عورت ہُوں؟‘‘

میں نے مسکرا کر جواب دیا۔

’’بلیاں اور عورتیں میری سمجھ سے ہمیشہ بالاتر رہی ہیں۔ ‘‘

اس نے ایک دم پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

میں نے تھوڑی دیر سوچ کر جواب دیا۔

’’ہمارے گھر میں ایک بلی رہتی تھی سال میں ایک مرتبہ اس پر رونے کے دورے پڑتے تھے۔ اس کا رونا دھونا سُن کر کہیں سے ایک بلا آجایا کرتا تھا۔ پھر ان دونوں میں اس قدر لڑائی اور خون خرابہ ہوتا کہ الاماں۔ مگر اس کے بعد وہ خالہ بلی چار بچوں کی ماں بن جایا کرتی تھی۔ ‘‘

نیلم کا جیسے منہ کا ذائقہ خراب ہو گیا

’’تھو۔ تم کتنے گندے ہو۔ ‘‘

پھر تھوڑی دیر بعد الائچی سے منہ کا ذائقہ درست کرنے کے بعد اس نے کہا۔

’’مجھے اولاد سے نفرت ہے۔ خیر ہٹاؤ جی اس قصے کو۔ ‘‘

یہ کہہ کر نیلم نے پاندان کھول کر اپنی پتلی پتلی انگلیوں سے میرے لیے پان لگانا شروع کردیا۔ چاندی کی چھوٹی چھوٹی کلیوں سے اس نے بڑی نفاست سے چمچی کے ساتھ چونا اور کتھا نکال کر رگیں نکالے ہُوئے پان پر پھیلایا اور گلوری بنا کر مجھے دی۔

’’صادق!تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘

یہ کہہ کر وہ خالی الذہن ہو گئی۔ میں نے پوچھا۔

’’کس بارے میں؟‘‘

اس نے سروتے سے بھنی ہُوئی چھالیاکاٹتے ہوئے کہا۔

’’اس بکواس کے بارے میں جو خواہ مخواہ شروع ہو گئی ہے۔ یہ بکواس نہیں تو کیا ہے، یعنی میری سمجھ میں کچھ آتا ہی نہیں۔ خود ہی پھاڑتی ہُوں، خود ہی رفو کرتی ہُوں۔ اگر یہ بکواس اسی طرح جاری رہے تو جانے کیا ہو گا۔ تم جانتے ہو میں بہت زبردست عورت ہُوں۔ ‘‘

’’زبردست سے تمہاری کیا مراد ہے؟‘‘

نیلم کے پتلے ہونٹوں پر وہی خفیف پُر اسرار مسکراہٹ پیدا ہُوئی۔

’’تم بڑے بے شرم ہو۔ سب کچھ سمجھتے ہو مگر مہین مہین چٹکیاں لے کر مجھے اکساؤ گے ضرور۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اس کی آنکھوں کی سفیدی گلابی رنگت اختیار کرگئی۔

’’تم سمجھتے کیوں نہیں کہ میں بہت گرم مزاج کی عورت ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اُٹھ کھڑی ہُوئی

’’اب تم جاؤ۔ میں نہانا چاہتی ہوں۔ ‘‘

میں چلا گیا۔ اس کے بعد نیلم نے بہت دنوں تک راج کشور کے بارے میں مجھ سے کچھ نہ کہا۔ مگر اس دوران میں ہم دونوں ایک دوسرے کے خیالات سے واقف تھے۔ جو کچھ وہ سوچتی تھی، مجھے معلوم ہو جاتا تھا اور جو کچھ میں سوچتا تھا اسے معلوم ہو جاتا تھا۔ کئی روز تک یہی خاموش تبادلہ جاری رہا۔ ایک دن ڈائریکٹر کرپلانی جو

’’بن کی سندری‘‘

بنا رہا تھا، ہیروئن کی ریہرسل سُن رہا تھا۔ ہم سب میوزک روم میں جمع تھے۔ نیلم ایک کرسی پر بیٹھی اپنے پاؤں کی جنبش سے ہولے ہولے تال دے رہی تھی۔ ایک بازاری قسم کا گانا مگر دھن اچھی تھی۔ جب ریہرسل ختم ہُوئی تو راج کشور کاندھے پر کھادی کا تھیلا رکھے کمرے میں داخل ہوا۔ ڈائریکٹر کرپلانی، میوزک ڈائریکٹر گھوش، ساؤنڈ ریکارڈسٹ پی اے این موگھا۔ ان سب کو فرداً فرداً اس نے انگریزی میں آداب کیا۔ ہیروئن مس عیدن بائی کو ہاتھ جوڑ کر نمسکار کیا اور کہا۔

’’عیدن بہن!کل میں نے آپ کو کرافرڈ مارکیٹ میں دیکھا۔ میں آپ کی بھابھی کے لیے موسمبیاں خرید رہا تھا کہ آپ کی موٹر نظر آئی۔ ‘‘

جھولتے جھولتے اس کی نظر نیلم پر پڑی جو پیانو کے پاس ایک پست قد کی کرسی میں دھنسی ہُوئی تھی۔ ایک دم اس کے ہاتھ نمسکار کے لیے اٹھے یہ دیکھتے ہی نیلم اُٹھ کھڑی ہُوئی۔

’’راج صاحب! مجھے بہن نہ کہیے گا۔ ‘‘

نیلم نے یہ بات کچھ اس انداز سے کہی کہ میوزک روم میں بیٹھے ہُوئے سب آدمی ایک لحظے کے لیے مبہوت ہو گئے۔ راج کشور کھسیانا سا ہو گیا اور صرف اس قدر کہہ سکا۔

’’کیوں؟‘‘

نیلم جواب دیے بغیر باہر نکل گئی۔ تیسرے روز میں ناگپاڑے میں سہ پہر کے وقت شام لال پنواڑی کی دکان پر گیا تو وہاں اسی واقعے کے متعلق چہ میگوئیاں ہورہی تھیں۔ شام لال بڑے فخریہ لہجے میں کہہ رہا تھا۔

’’سالی کا اپنا من میلا ہو گا۔ ورنہ راج بھائی کسی کو بہن کہے، اور وہ بُرا مانے۔ کچھ بھی ہو، اس کی مراد کبھی پوری نہیں ہو گی۔ راج بھائی لنگوٹ کے بہت پکے ہیں۔ ‘‘

راج بھائی کے لنگوٹ سے میں بہت تنگ آگیا تھا۔ مگر میں نے شام لال سے کچھ نہ کہا اور خاموش بیٹھا اس کی اور اس کے دوست گاہکوں کی باتیں سنتا رہا جن میں مبالغہ زیادہ اور اصلیت کم تھی۔ اسٹوڈیو میں ہر شخص کو میوزک روم کے اس حادثے کا علم تھا، اور تین روز سے گفتگو کا موضوع بس یہی چیز تھی کہ راج کشور کو مس نیلم نے کیوں ایک دم بہن کہنے سے منع کیا۔ میں نے راج کشور کی زبانی اس بارے میں کچھ نہ سنا مگر اس کے ایک دوست سے معلوم ہوا کہ اس نے اپنی ڈائری میں اس پر نہایت پر دلچسپ تبصرہ لکھا ہے اور پرارتھنا کی ہے کہ مس نیلم کا دل و دماغ پاک و صاف ہو جائے۔ اس حادثے کے بعد کئی دن گزر گئے مگر کوئی قابل ذکر بات وقوع پذیر نہ ہوئی۔ نیلم پہلے سے کچھ زیادہ سنجیدہ ہو گئی تھی اور راج کشور کے کرتے کے بٹن اب ہر وقتے کھلے رہتے تھے۔ جس میں سے اس کی سفید اور ابھری ہوئی چھاتی کے کالے بال باہر جھانکتے رہتے تھے۔ چونکہ ایک دو روز سے بارش تھمی ہوئی تھی اور

’’بن کی سندری‘‘

کا چوتھے سیٹ کا رنگ خشک ہو گیا تھا، اس لیے ڈائریکٹر نے نوٹس بورڈ پر شوٹنگ کا اعلان چسپاں کردیا۔ یہ سین جو اب لیا جانے والا تھا، نیلم اور راج کشور کے درمیان تھا۔ چونکہ میں نے ہی اس کے مکالمے لکھے تھے، اس لیے مجھے معلوم تھاکہ راج کشور باتیں کرتے کرتے نیلم کا ہاتھ چومے گا۔ اس سین میں چومنے کی بالکل گنجائش نہ تھی۔ مگر چونکہ عوام کے جذبات کو اکسانے کے لیے عام طور پر فلموں میں عورتوں کو ایسے لباس پہنائے جاتے ہیں جو لوگوں کو ستائیں، اس لیے ڈائریکٹر کرپلانی نے پرانے نسخے کے مطابق دست بوسی کا یہ ٹچ رکھ دیا تھا۔ جب شوٹنگ شروع ہُوئی تو میں دھڑکتے ہوئے دل کے ساتھ سیٹ پر موجود تھا۔ راج کشور اور نیلم، دونوں کا ردِّ عمل کیا ہو گا، اس کے تصور ہی سے میرے جسم میں سنسنی کی ایک لہر دوڑ جاتی تھی۔ مگر سارا سین مکمل ہو گیا، اور کچھ نہ ہوا۔ ہر مکالمے کے بعد ایک تھکا دینے والی آہنگی کے ساتھ برقی لیمپ روشن اور گل ہو جاتے۔ اسٹارٹ اور کٹ کی آوازیں بلند ہوتیں اور شام کو جب سین کے کلائمیکس کا وقت آیا تو راج کشور نے بڑے رومانی انداز میں نیلم کا ہاتھ پکڑا مگر کیمرے کی طرف پیٹھ کرکے اپنا ہاتھ چوم کر الگ کردیا۔ میرا خیال تھا کہ نیلم اپنا ہاتھ کھینچ کر راج کشور کے منہ پر ایک ایسا چانٹا جڑے گی کہ ریکارڈنگ روم میں پی این موگھا کے کانوں کے پردے پھٹ جائیں گے۔ مگر اس کے برعکس مجھے نیلم کے پتلے ہونٹوں پر ایک تحلیل شدہ مسکراہٹ دکھائی دی۔ جس میں عورت کے مجروح جذبات کا شائبہ تک موجود نہ تھا۔ مجھے سخت ناامیدی ہُوئی تھی میں نے اس کا ذکر نیلم سے نہ کیا۔ دو تین روز گزر گئے اور جب نے اس نے بھی مجھ سے اس بارے میں کچھ نہ کہا۔ تو میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اسے اس ہاتھ چومنے والی بات کی اہمیت کا علم ہی نہیں تھا، بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ اس کے ذکی الحس دماغ میں اس کا خیال تک بھی نہ آیا تھا اور اس کی وجہ صرف ہو سکتی ہے کہ وہ اس وقت راج کشور کی زبان سے جو عورت کو بہن کہنے کا عادی تھا، عاشقانہ الفاظ سُن رہی تھی۔ نیلم کا ہاتھ چومنے کی بجائے راج کشور نے اپنا ہاتھ کیوں چوما تھا۔ کیا اس نے انتقام لیا تھا۔ کیا اس نے اس عورت کی تذلیل کرنے کی کوشش کی تھی، ایسے کئی سوال میرے دماغ میں پیدا ہوئے مگر کوئی جواب نہ ملا۔ چوتھے روز جب میں حسبِ معمول ناگپاڑے میں شام لال کی دکان پر گیا تو اس نے مجھ سے شکایت بھرے لہجے میں۔

’’منٹو صاحب آپ تو ہمیں اپنی کمپنی کی کوئی بات سُناتے ہی نہیں۔ آپ بتانا نہیں چاہتے یا پھر آپ کو کچھ معلوم ہی نہیں ہوتا؟ پتا ہے آپ کو، راج بھائی نے کیا کیا؟‘‘

اس کے بعد اس نے اپنے انداز میں یہ کہانی شروع کی کہ

’’بن کی سندری‘‘

میں ایک سین تھا جس میں ڈائریکٹر صاحب نے راج بھائی کو مس نیلم کا منہ چومنے کا آرڈر دیا لیکن صاحب کہاں راج بھائی اور کہاں وہ سالی ٹکھیائی۔ راج بھائی نے فوراً کہہ دیا

’’نا صاحب میں ایسا کام کبھی نہیں کروں گا۔ میری اپنی پتنی ہے اس گندی عورت کا منہ چوم کر کیا میں اس کے پوتر ہونٹوں سے اپنے ہونٹ ملا سکتا ہُوں۔ ‘‘

بس صاحب فوراً ڈائریکٹرصاحب کو سین بدلنا پڑا اور راج بھائی سے کہا گیا کہ اچھا بھئی تم منہ نہ چومو ہاتھ چوم لو مگر راج صاحب نے بھی کچی گولیاں نہیں کھیلیں۔ جب وقت آیا تو اس نے اس صفائی سے اپنا ہاتھ چوما کہ دیکھنے والوں کو یہی معلوم ہُوا کہ اس نے اس سالی کا ہاتھ چوما ہے۔ ‘‘

میں نے اس گفتگو کا ذکر نیلم سے نہ کیا، اس لیے کہ جب وہ اس سارے قصّے ہی سے بے خبر تھی، اسے خواہ مخواہ رنجیدہ کرنے سے کیا فائدہ۔ بمبئی میں ملیریا عام ہے۔ معلوم نہیں، کون سا مہینہ تھا اور کون سی تاریخ تھی، صرف اتنا یاد ہے کہ

’’بن کی سندری‘‘

کا پانچواں سیٹ لگ رہا تھا اور بارش بڑے زوروں پر تھی کہ نیلم اچانک بہت تیز بخار میں مبتلا ہو گئی۔ چونکہ مجھے سٹوڈیو میں کوئی کام نہیں تھا، اس لیے میں گھنٹوں اس کے پاس بیٹھا اس کی تیمار داری کرتا رہتا۔ ملیریا نے اس کے چہرے کی سنولاہٹ میں ایک عجیب قسم کی درد انگیز زردی پیدا کردی تھی۔ اس کی آنکھوں اور اس کے پتلے ہونٹوں کے کونوں میں جو ناقابل بیان تلخیاں گھلی رہتی تھیں، اب ان میں ایک بے معلوم بے بسی کی جھلک بھی دکھائی دیتی تھی۔ کونین کے ٹیکوں سے اس کی سماعت کسی قدر کمزور ہو گئی تھی۔ چنانچہ اسے اپنی نحیف آواز اونچی کرنا پڑتی تھی۔ اس کا خیال تھا کہ شاید میرے کان بھی خراب ہو گئے ہیں۔ ایک دن جب اس کا بخار بالکل دور ہو گیا تھا، اور وہ بستر پر لیٹی نقاہت بھرے لہجے میں عیدن بائی کی بیمارپرسی کا شکریہ ادا کررہی تھی نیچے سے موٹر کے ہارن کی آواز آئی۔ میں نے دیکھا کہ یہ آواز سن کر نیلم کے بدن پر ایک سرد جھرجھری سی دوڑ گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد کمرے کا دبیز ساگوانی دروازہ کھلا اورراج کشور کھادی کے سفید کُرتے اور تنگ پاجامے میں اپنی پرانی وضع کی بیوی کے ہمراہ اندر داخل ہوا۔ عیدن بائی کو عیدن بہن کہہ کر سلام کیا۔ میرے ساتھ ہاتھ ملایا اور اپنی بیوی کو جو تیکھے تیکھے نقشوں والی گھریلو قسم کی عورت تھی، ہم سب سے متعارف کراکے وہ نیلم کے پلنگ پر بیٹھ گیا۔ چند لمحات وہ ایسے ہی خلا میں مسکراتا رہا۔ پھر اس نے بیمار نیلم کی طرف دیکھا اور میں نے پہلی مرتبہ اس کی دُھلی ہوئی آنکھوں میں ایک گرد آلود جذبہ تیرتا ہوا پایا۔ میں ابھی پورح طرح متحیر بھی نہ ہونے پایا تھا کہ اس نے کھلنڈرے آواز میں کہنا شروع کیا

’’بہت دنوں سے ارادہ کررہا تھاکہ آپ کی بیمار پرسی کے لیے آؤں، مگر اس کم بخت موٹر کا انجن کچھ ایسا خراب ہوا کہ دس دن کارخانے میں پڑی رہی۔ آج آئی تو میں نے( اپنی بیوی کی طرف اشارہ کرکے) شانتی سے کہا کہ بھئی چلو اسی وقت اُٹھو۔ رسوئی کا کام کوئی اور کرے گا، آج اتفاق سے رکھشا بندھن کا تہوار بھی ہے۔ نیلم بہن کی خیر و عافیت بھی پوچھ آئیں گے اور ان سے رکھشا بھی بندھوائیں گے۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اس نے اپنے کھادی کے کُرتے سے ایک ریشمی پھندنے والا گجرا نکالا۔ نیلم کے چہرے کی زردی اور زیادہ درد انگیز ہو گئی۔ راج کشور جان بوجھ کر نیلم کی طرف نہیں دیکھ رہا تھا، چنانچہ اس نے عیدن بائی سے کہا۔ مگر ایسے نہیں۔ خوشی کا موقع ہے، بہن بیمار بن کر رکھشا نہیں باندھے گی۔ شانتی، چلو اُٹھو۔ ان کو لپ اسٹک وغیرہ لگاؤ۔ میک اپ بکس کہاں ہے؟‘‘

سامنے مینٹل پیس پر نیلم کا میک اپ بکس پڑا تھا۔ راج کشور نے چند لمبے لمبے قدم اُٹھائے اور اسے لے آیا۔ نیلم خاموش تھی۔ اس کے پتلے ہونٹ بھینچ گئے تھے جیسے وہ چیخیں بڑی مشکل سے روک رہی ہے۔ جب شانتی نے پتی ورتا استری کی طرح اُٹھ کر نیلم کا میک اپ کرنا چاہا تو اس نے کوئی مزاحمت پیش نہ کی۔ عیدن بائی نے ایک بے جان لاش کو سہارا دیکر اٹھایا اور جب شانتی نے نہایت ہی غیر صناعانہ طریق پر اس کے ہونٹوں پر لپ اسٹک لگانا شروع کی تو وہ میری طرف دیکھ کر مسکرائی۔ نیلم کی یہ مسکراہٹ ایک خاموش چیخ تھی۔ میرا خیال تھا۔ نہیں، مجھے یقین تھا کہ ایک دم کچھ ہو گا۔ نیلم کے بھنچے ہُوئے ہونٹ ایک دھماکے کے ساتھ واہوں گے اور جس طرح برسات میں پہاڑی نالے بڑے بڑے مضبوط بند توڑ کر دیوانہ وار آگے نکل جاتے ہیں، اسی طرح نیلم اپنے رُکے ہُوئے جذبات کے طوفانی بہاؤ میں ہم سب کے قدم اکھیڑ کر خدا معلوم کن گہرائیوں میں دھکیل لے جائے گی۔ مگر تعجب ہے کہ وہ بالکل خاموش رہی۔ اس کے چہرے کی درد انگیز زردی غازے اور سرخی کے غبار میں چھپتی رہی اور وہ پتھر کے بت کی طرح بے حس بنی رہی۔ آخر میں جب میک اپ مکمل ہو گیا تو اس نے راج کشور سے حیرت انگیز طور پر مضبوط لہجے میں کہا۔

’’لائیے! اب میں رکھشا باندھ دوں۔ ‘‘

ریشمی پھندنوں والا گجرا تھوڑی دیر میں راج کشور کی کلائی میں تھا اور نیلم جس کے ہاتھ کانپنے چاہئیں تھے بڑے سنگین سکون کے ساتھ اس کا تکمہ بند کررہی تھی۔ اس عمل کے دوران میں ایک مرتبہ پھر مجھے راج کشور کی دُھلی ہُوئی آنکھ میں ایک گرد آلود جذبے کی جھلک نظر آئی جو فوراً ہی اس کی ہنسی میں تحلیل ہو گئی۔ راج کشور نے ایک لفافے میں رسم کے مطابق نیلم کو کچھ ر وپے دیے جو اس نے شکریہ ادا کرکے اپنے تکیے کے نیچے رکھ لیے۔ جب وہ لوگ چلے گئے، میں اور نیلم اکیلے رہ گئے تو اس نے مجھ پر ایک اُجڑی ہُوئی نگاہ ڈالی اور تکیے پر سر رکھ کر خاموش لیٹ گئی۔ پلنگ پرراج کشور اپنا تھیلا بھول گیا تھا۔ جب نیلم نے اسے دیکھا تو پاؤں سے ایک طرف کردیا۔ میں تقریباً دو گھنٹے اس کے پاس بیٹھا اخبار پڑھتا رہا۔ جب اس نے کوئی بات نہ کی تو میں رخصت لیے بغیر چلا آیا۔ اس واقعہ کے تین روز بعد میں ناگپاڑے میں اپنی نو روپے ماہوار کی کھولی کے اندر بیٹھا شیو کررہا تھا اور دوسری کھولی سے اپنی ہمسائی مسز فرینڈیز کی گالیاں سن رہا تھا کہ ایک دم کوئی اندر داخل ہوا۔ میں نے پلٹ کر دیکھا۔ نیلم تھی۔ ایک لحظے کے لیے میں نے خیال کیا کہ نہیں، کوئی اور ہے۔ ا س کے ہونٹوں پر گہرے سرخ رنگ کی لپ اسٹک کچھ اس طرح پھیلی ہوئی تھی جیسے منہ سے خون نکل نکل کر بہتا رہا اور پونچھا نہیں گیا۔ سر کا ایک بال بھی صحیح حالت میں نہیں تھا۔ سفید ساڑھی کی بوٹیاں اُڑی ہوئی تھیں۔ بلاوز کے تین چار ہک کھلے تھے اوراس کی سانولی چھاتیوں پر خراشیں نظر آرہی تھیں۔ نیلم کو اس حالت میں دیکھ کر مجھ سے پوچھا ہی نہ گیا کہ تمہیں کیا ہوا، اور میری کھولی کا پتہ لگا کر تم کیسے پہنچی ہو۔ پہلا کام میں نے یہ کیا کہ دروازہ بند کردیا۔ جب میں کرسی کھینچ کر اس کے پاس بیٹھا تو اس نے اپنے لپ اسٹک سے لتھڑے ہوئے ہونٹ کھولے اور کہا۔

’’میں سیدھی یہاں آرہی ہوں۔ ‘‘

میں نے آہستہ سے پُوچھا۔

’’کہاں سے؟‘‘

’’اپنے مکان سے۔ اور میں تم سے یہ کہنے آئی ہوں کہ اب وہ بکواس جو شروع ہُوئی تھی، ختم ہو گئی ہے۔ ‘‘

’’کیسے؟‘‘

’’مجھے معلوم تھا کہ وہ بھی میرے مکان پر آئے گا۔ اس وقت جب اور کوئی نہیں ہو گا! چنانچہ وہ آیا۔ اپنا تھیلا لینے کے لیے۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اس کے پتلے ہونٹوں پر جو لپ اسٹک نے بالکل بے شکل کردیے تھے، وہی خیف سی پراسرار مسکراہٹ نمودار ہُوئی۔

’’وہ اپنا تھیلا لینے آیا تھا۔ میں نے کہا چلیے، دوسرے کمرے میں پڑا ہے۔ میرا لہجہ شاید بدلا ہوا تھا کیونکہ وہ کچھ گھبرا سا گیا۔ میں نے کہا گھبرائیے نہیں۔ جب ہم دوسرے کمرے میں داخل ہوئے تو میں تھیلا دینے کی بجائے ڈریسنگ ٹیبل کے سامنے بیٹھ گئی اور میک اپ کرنا شروع کردیا۔ ‘‘

یہاں تک بول کر وہ خاموش ہو گئی۔ سامنے میرے ٹوٹے ہوئے میز پر شیشے کے گلاس میں پانی پڑا تھا۔ اسے اٹھا کر نیلم غٹا غٹ پی گئی۔ اور ساڑھی کے پلو سے ہونٹ پونچھ کر اس نے پھر اپنا سلسلہ کلام جاری کیا۔

’’میں ایک گھنٹے تک میک اپ کرتی رہی۔ جتنی لپ اسٹک ہونٹوں پر تھپ سکتی تھی، میں نے تھوپی، جتنی سرخی میرے گالوں پر چڑھ سکتی تھی، میں نے چڑھائی۔ وہ خاموش ایک کونے میں کھڑا آئینے میں میری شکل دیکھتا رہا۔ جب میں بالکل چڑیل بن گئی تو مضبوط قدموں کے ساتھ چل کر میں نے دروازہ بند کردیا۔ ‘‘

’’پھر کیا ہوا؟‘‘

میں نے جب اپنے سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے نیلم کی طرف دیکھا تو وہ مجھے بالکل مختلف نظر آئی۔ ساڑھی سے ہونٹ پونچھنے کے بعد اس کے ہونٹوں کی رنگت کچھ عجیب سی ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ اس کا لہجہ اتنا ہی دبا ہوا تھا جتنا سرخ گرم کیے ہُوئے لوہے کا، جسے ہتھوڑے سے کوٹا جارہا ہے۔ اس وقت تو وہ چڑیل نظر نہیں آرہی تھی، لیکن جب اس نے میک اپ کیا ہو گا تو ضرور چڑیل دکھائی دیتی ہو گی۔ میرے سوال کا جواب اُس نے فوراً ہی نہ دیا۔ ٹاٹ کی چارپائی سے اٹھ کر وہ میرے میز پر بیٹھ گئی اور کہنے لگی۔

’’میں نے اس کو جھنجوڑ دیا۔ جنگلی بلی کی طرح میں اس کے ساتھ چمٹ گئی۔ اس نے میرا منہ نوچا، میں نے اُس کا۔ بہت دیر تک ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کشتی لڑتے رہے۔ اوہ۔ اس میں بلا کی طاقت تھی۔ لیکن۔ لیکن۔ جیسا کہ میں تم سے ایک بار کہہ چکی ہوں۔ میں بہت زبردست عورت ہوں۔ میری کمزوری۔ وہ کمزوری جو ملیریا نے پیدا کی تھی، مجھے بالکل محسوس نہ ہوئی۔ میرا بدن تپ رہا تھا۔ میری آنکھوں سے چنگاریاں نکل رہی تھیں۔ میری ہڈیاں سخت ہورہی تھیں۔ میں نے اسے پکڑ لیا۔ میں نے اس سے بلیوں کی طرح لڑنا شروع کیا۔ مجھے معلوم نہیں کیوں۔ مجھے پتا نہیں کس لیے۔ بے سوچے سمجھے میں اس سے بھڑ گئی۔ ہم دونوں نے کوئی بھی ایسی بات زبان سے نہ نکالی جس کا مطلب کوئی دوسرا سمجھ سکے۔ میں چیختی رہی۔ وہ صرف ہوں ہوں کرتا رہا۔ اس کے سفید کھادی کے کرتے کی کئی بوٹیاں میں نے ان انگلیوں سے نوچیں۔ اس نے میرے بال، میری کئی لٹیں جڑ سے نکال ڈالیں۔ اس نے اپنی ساری طاقت صرف کردی۔ مگر میں نے تہیّہ کرلیا تھا کہ فتح میری ہو گی۔ چنانچہ وہ قالین پر مُردے کی طرح لیٹا تھا۔ اور میں اس قدر ہانپ رہی تھی کہ ایسا لگتا تھا کہ میرا سانس ایک دم رک جائے گا۔ اتنا ہانپتے ہوئے بھی میں نے اس کے کرتے کو چندی چندی کردیا۔ اس وقت میں نے اس کا چوڑا چکلا سینہ دیکھا تو مجھے معلوم ہُوا کہ وہ بکواس کیا تھی۔ وہی بکواس جس کے متعلق ہم دونوں سوچتے تھے اور کچھ سمجھ نہیں سکتے تھے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ تیزی سے اُٹھ کھڑی ہُوئی اور اپنے بکھرے ہُوئے بالوں کو سر کی جنبش سے ایک طرف ہٹاتے ہوئے کہنے لگی۔

’’صادق۔ کم بخت کا جسم واقعی خوبصورت ہے۔ جانے مجھے کیا ہوا۔ ایک دم میں اس پر جھکی اور اسے کاٹنا شروع کردیا۔ وہ سی سی کرتا رہا۔ لیکن جب میں نے اس کے ہونٹوں سے اپنے لہو بھرے ہونٹ پیوست کیے اور اُسے ایک خطرناک جلتا ہُوا بوسہ دیا تو وہ انجام رسیدہ عورت کی طرح ٹھنڈا ہو گیا میں اُٹھ کھڑی ہُوئی۔ مجھے اُس سے ایک دم نفرت پیدا ہو گئی۔ میں نے پورے غور سے اس کی طرف نیچے دیکھا۔ اس کے خوبصورت بدن پر میرے لہو اور لپ اسٹک کی سرخی نے بہت ہی بدنما بیل بوٹے بنا دیے تھے۔ میں نے اپنے کمرے کی طرف دیکھا تو ہر چیز مصنوعی نظر آئی۔ چنانچہ میں نے جلدی سے دروازہ کھولا کہ شاید میرا دم گھٹ جائے اور سیدھی تمہاری پاس چلی آئی۔ ‘‘

یہ کہہ وہ خاموش ہو گئی۔ مردے کی طرح خاموش۔ میں ڈر گیا اس کا ایک ہاتھ جو چارپائی سے نیچے لٹک رہا تھا، میں نے چھوا۔ آگ کی طرح گرم تھا۔

’’نیلم۔ نیلم۔ ‘‘

میں نے کئی دفعہ اسے زور زور سے پُکارا مگر اس نے کوئی جواب نہ دیا۔ آخر جب میں نے بہت زور سے خوف زدہ آواز میں نیلم کہا تو وہ چونکی، اور اُٹھ کر جاتے ہُوئے اس نے صرف اس قدر کہا۔

’’سعادت میرا نام رادھا ہے!‘‘

سعادت حسن منٹو

میرا اور اس کا انتقام

گھرمیں میرے سوا کوئی موجود نہیں تھا۔ پتا جی کچہری میں تھے اور شام سے پہلے کبھی گھر آنے کے عادی نہ تھے۔ ماتا جی لاہور میں تھیں اور میری بہن بملا اپنی کسی سہیلی کے ہاں گئی تھی! میں تنہا اپنے کمرے میں بیٹھا کتاب لیے اونگھ رہا تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی اٹھ کر دروازہ کھولا تو دیکھا کہ پاربتی ہے۔ دروازے کی دہلیز پر کھڑے کھڑے اس نے مجھ سے پوچھا۔

’’موہن صاحب! بملا اندر ہے کیا؟‘‘

جواب دینے سے پیشتر ایک لمحے کے لیے پاربتی کی تمام شوخیاں میری نگاہوں میں پھر گئیں اور جب میں نے سوچا کہ گھرمیں کوئی متنفس موجود نہیں تو مجھے ایک شرارت سوجھی، میں نے جھوٹ بولتے ہوئے بڑی بے پروائی کے انداز میں کہا:۔

’’اپنے کمرے میں بلاؤز ٹانک رہی ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر میں دروازے سے باہر نکل آیا۔ بملا کا کمرہ بالائی منزل پرتھا۔ جب میں نے گلی کے روشندان سے پاربتی کو سیڑھیاں چڑھتے دیکھا۔ تو جھٹ سے دروازے میں داخل ہو کر اس کو بند کردیا اور کنڈی چڑھا کروہ قفل لگا دیا جو پاس ہی دیوار پر ایک کیل سے لٹک رہا تھا اور دروازے میں تالا لگانے کے بعد میں اپنے کمرے میں چلا آیا اور صوفے پرلیٹ کر اپنے دل کی دھڑکنوں کو سنتا رہا۔ پاربتی کے کردار کا ہلکا سا نقشہ یوں کھینچا جاسکتا ہے۔ وہ بیک وقت ایک شوخ چنچل اور شرمیلی لڑکی ہے۔ اگر اس گھڑی آپ سے بڑی بے تکلفی سے بات کررہی ہے تو تھوڑے ہی عرصے کے بعد آپ اسے بالکل مختلف پائیں گے۔ شرارت اس کی رگ رگ میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے لیکن بعض اوقات اتنی سنجیدہ اورمتین ہو جاتی ہے کہ اس سے بات کرنے کی جرأت نہیں ہو سکتی۔ محلے بھر میں وہ اپنی قسم کی واحد لڑکی ہے۔ لڑکوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے میں اسے خاص لطف آتا ہے۔ اگر کوئی لڑکا جواب میں معمولی سا مذاق بھی کردے تو اسے سخت ناگوار گزرتا ہے۔ گلی کے نوجوانوں کے نازک جذبات سے کھیلنے میں اسے خاص لطف آتا ہے۔ بلی کی طرح وہ چاہتی ہے کہ چوہا اس کے پنجوں کے نیچے دبکا رہے اور وہ اس کو ادھر ادھرپٹخ پٹخ کر کھیلتی رہے جب اکتا جائے تو چھوڑ کر چلی جائے۔ کوٹھے پر چڑھ کر محلے کے لڑکوں کے پتنگ توڑ لینے میں اس کو خاص مہارت حاصل ہے۔ ہمارے گھر میں اکثر اس کا آنا جانا تھا۔ اس لیے مَیں اس کی شوخ طبیعت سے ایک حد تک واقف تھا۔ میرے ساتھ وہ کئی مرتبہ نوک جھونک کر چکی تھی۔ مگر میں دوسروں کی موجودگی میں جھینپ کر رہ جاتا تھا۔ مجھے اس سے نفرت نہ تھی۔ اس لیے کہ اس میں کوئی شے بھی ایسی نہیں جس سے نفرت کی جاسکے۔ البتہ اس کی طبیعت کسی قدر الجھی ہوئی تھی اور اس کی حد سے زیادہ شوخی بعض اوقات میرے جذبات پر بہت گراں گزرتی تھی۔ اگر میں سب کے سامنے اس کی پھلجھڑی ایسی زبان کو( جس سے کبھی تیز و تند اور کبھی نرم و نازک شرارے نکلتے تھے) اپنی گویائی کی قوت پر زور دے کر بند کرسکتا تو مجھے یہ شکایت ہرگز نہ ہوتی۔ بلکہ اس میں خاص لطف بھی حاصل ہوتا مگر یہاں موجودہ نظام کی موجودگی میں اس قسم کے خواب کیونکر پورے ہوسکتے ہیں! پاربتی کے متناسب جسم میں جملہ خوبیاں بھری پڑی تھیں۔ دوشیزگی اس کے ہر عضومیں سانس لیتی تھی۔ آنکھوں میں دھوپ اور بارش کے تصادم ایسی چمک، گدرائے ہوئے جوبن کا دلکش ابھار، آواز میں صبح کی خاموش فضا میں مندر کی گھنٹیوں کی صدا ایسی حلاوت، اور چال۔ ایسے الفاظ نہیں ہیں کہ اس کے خرام کا نقشہ پیش کیا جاسکے۔ گھر خالی تھا، دوسرے لفظوں میں میدان صاف تھا! اس لیے میں نے موقع بہت مناسب خیال کیا اور اس سے انتقام لینے کی ٹھان لی۔ میری عرصے سے خواہش تھی کہ اس پھسل جانے والی مچھلی کو ایک بار پکڑ کر اتنا ستاؤں۔ اتنا ستاؤں کہ رو دے اور کچھ عرصے کے لیے اپنی تمام شوخیاں بھول جائے۔ میں کمرے میں بیٹھا تھا کہ وہ حسب توقع گھبرائی ہوئی آئی اور کہنے لگی۔

’’دروازہ میں تالا لگا ہوا ہے۔ ‘‘

میں بناوٹی حیرت سے مضطرب ہو کر یکایک اٹھ کھڑا ہو گیا۔

’’کیا کہا؟‘‘

’’صدر دروازے میں تالا لگا ہوا ہے!‘‘

’’باہر سے گلی کے ان گندے انڈوں نے تالا لگادیا ہو گا!‘‘

یہ کہتا ہوا میں اس کے پاس آگیا۔ اس پر پاربتی نے کہا۔

’’نہیں، نہیں تالا تو اندر سے لگا ہوا ہے!‘‘

’’اندر سے۔ اور بملا کہاں ہے؟‘‘

’’اپنے کمرے میں تو نہیں۔ کونے کونے میں دیکھ آئی ہوں۔ کہیں بھی نہیں ملی۔ ‘‘

’’تو پھر اسی نے شرارت کی ہے۔ جاؤ دیکھو باورچی خانے، غسل خانے میں یا اِدھر اُدھر کہیں چھپی ہو گی۔ تم نے تو مجھے ڈرا ہی دیا تھا۔ ‘‘

یہ کہہ کر میں واپس مڑ کر صوفے پر لیٹ گیا اور وہ بملا کو ڈھونڈنے چلی گئی۔ پندرہ بیس منٹ کے بعد پھر آئی اور کہنے لگی۔

’’میں نے تمام گھر چھان مارا۔ پر ماتما جانے کہاں چھپی ہے۔ آج تک میرے ساتھ اس نے اس قسم کی شرارت نہیں کی لیکن آج جانے اُسے کیا سوجھی ہے؟‘‘

پاربتی صوفے کے پیچھے کھڑی تھی میں نے اس کی بات سنی اور پاس پڑے ہوئے اخبار کے اوراق کھولتے ہوئے کہا۔

’’مجھے خود تعجب ہورہا ہے۔ صحن کے ساتھ والے کمروں میں جا کرتلاش کرو، وہیں کسی پلنگ کے نیچے چھپی بیٹھی ہو گی۔ ‘‘

یہ سن کر پاربتی یہ کہتی ہوئی چلی گئی۔

’’اسے میری شرارتوں کا علم نہیں۔ خیر سو سنار کی، ایک لوہار کی!‘‘

اس کو مضطرب دیکھ کر میرا جی باغ باغ ہورہا تھا۔ اس تیتری کو اپنی ہوشیاری پر کتنا ناز تھا! میں ہنسا، اس لیے کہ اس کے پھڑپھڑانے والے پَر میری گرفت میں تھے اور میں بڑے مزے سے اس کے اضطراب کا تماشا کرسکتا تھا۔ میں اپنے ذہن میں اس ہونے والے ڈرامے کا تمام پلاٹ تیار کر چکا تھا اور اس پر عمل کررہا تھا۔ تھوڑی ہی دیر کے بعد وہ پھر آئی۔ اس مرتبہ وہ سخت جھلائی ہوئی تھی۔ داہنے کان سے بہت نیچے بالوں کا ایک گچھا کلپ کی گرفت سے آزاد ہو کرڈھلک آیا تھا۔ ساڑھی سر پر سے اتر گئی تھی اور وہ بار بار اپنے گرد بھرے ہاتھوں کو ایک ننھے رومال سے پونچھ رہی تھی۔ کمرے میں داخل ہو کر میرے سامنے کرسی پر بیٹھ گئی۔ میں نے اس سے لیٹے لیٹے دریافت کیا۔

’’کیوں کامیابی ہوئی کیا؟‘‘

اس نے تھکی ہوئی آواز میں جواب دیا۔

’’نہیں، میں اب یہاں بیٹھ کر اس کا انتظار کرتی ہوں۔ ‘‘

’’ہاں بیٹھو، میں ذرا اوپر ہو آؤں۔ ‘‘

یہ کہہ کر میں اٹھا اور چلا گیا۔ بالائی منزل کی چھت پر میں پندرہ بیس منٹ تک ٹہلتا رہا۔ چابی میری جیب میں تھی۔ اس لیے معلوم تھا کہ پاربتی کسی صورت میں بھی گھر سے باہر نہیں نکل سکتی اور یہ احساس میرے دل میں ایک ناقابل بیان مسرت پیدا کررہا تھا۔ میدان بالکل صاف تھا اور میں اس موقع سے پورا فورا فائدہ اٹھانا چاہتا تھا۔ میری سب سے بڑی خواہش یہ تھی کہ پاربتی کی دوسروں پر ہنسنے والی آنکھوں کی چمک ایک لمحے کے لیے ماند پڑ جائے اور اس کو معلوم ہو جائے کہ مرد کے پاس نسوانی شرارتوں کا بہت کڑا جواب ہے! یہ کھیل بہت خطرناک تھا۔ کیونکہ اس بات کا ڈر تھا کہ وہ پتا، ماتا جی یا بملا کو تمام بیتے ہوئے واقعات سنا دے گی۔ اس صورت میں گھر والوں کی نگاہوں میں میرے وقار کی تذلیل یقینی تھی۔ مگر چونکہ میرے سر پر اس دلچسپ انتقام کا بھوت سوار تھا۔ جو میں نے اس شوخ لڑکی کے لیے تجویز کیا تھا۔ اس لیے کچھ عرصے کے لیے یہ تمام چیزیں میری آنکھوں سے اوجھل ہو گئی تھیں۔ میں اپنے دل سے سوال کرتا تھا کہ نتیجہ کیا ہو گا۔ لیکن اس کا جواب میری پوزیشن کی صحیح تصویر دکھانے کی بجائے پاربتی۔ شکست خوردہ پاربتی کی تصویر آنکھوں کے سامنے کھینچ دیتا تھا۔ میں بے حد مسرور تھا۔ کچھ عرصہ بالائی منزل پر ٹہلنے کے بعد میں نیچے آیا۔ پاربتی کرسی پر بیٹھی سخت اضطراب کی حالت میں اپنی خوبصورت ٹانگ ہلا رہی تھی۔ جس پرریشمی ساڑھی کا کپڑا ادھر ادھر تھرک رہا تھا۔ میں نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے اس سے پوچھا۔

’’کیوں بملا ملی۔ ‘‘

’’نہیں! میں نے ایک بار پھر سب کمروں کو چھان مارا ہے لیکن وہ ایسی غائب ہوئی ہے جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔ ‘‘

میں مسکرا دیا۔

’’چلو ہم دونوں مل کر اس کو ڈھونڈیں۔ تم اس قدر گھبرا گئی ہو۔ تم تو بڑی نڈر اور بیباک لڑکی ہو۔ ‘‘

’’گھبرانے کی کوئی بات نہیں! لیکن مجھے بہت جلد گھر واپس جانا تھا۔ ‘‘

پاربتی کے لبوں پر ایک نہایت ہی پیارا تبسم پیدا ہوا۔ ہم دونوں ایک عرصے تک نیچے صحن میں پلنگوں کے نیچے، چارپائیوں کے پیچھے، چیزوں کے ادھر ادھر پردوں کو ہٹا ہٹا کربملا کو تلاش کرتے رہے۔ مگر وہ گھر پر ہوتی تو ملتی۔ آخر کار میں نے خود کو سخت متعجب ظاہر کرتے ہوئے پاربتی سے کہا۔

’’حیرت ہے تمہیں بتاؤ آخر بملا گئی کہاں؟‘‘

پاربتی جو بار بار جھکنے، اٹھنے اور بیٹھنے سے بہت تھک گئی تھی، اپنی پیشانی سے پسینہ کے ننھے ننھے قطروں کو پونچھتی ہوئی بولی۔

’’میں کیا جانوں، زمین کھا گئی یا بھوت پریت اٹھا کر لے گئے، یہ آپ ہی کی بہن کی کارستانی ہے، خیر کوئی ہرج نہیں، میں بھی ایسا ستاؤں گی کہ عمر بھر یاد رکھے گی! بملا ہزار ہو مجھ سے اڑ کر کہاں جائے گی۔ ‘‘

میں خاموش رہا اور اطمینان سے کرسی پربیٹھ گیا۔ اس وقت ہم ماتا جی کے کمرے میں تھے۔ پاربتی میرے سامنے ٹائیلٹ میز کے قریب کھڑی تھی۔ اس کے چہرے کو دیکھ کر یہ معلوم ہوتا تھا کہ قطعی طور پر خالی الذہن ہے۔ غیر ارادی طور پر وہ بار بار میز کے گول آئینے میں اپنا چہرہ دیکھ رہی تھی۔ اور ٹانگوں پر سے اپنی ساڑھی کی شکنیں درست کررہی تھی۔ دفعتہً کمرے کے مکمل سکوت سے باخبر ہو کروہ سخت مضطرب ہو گئی اور مجھ سے کہنے لگی۔

’’موہن صاحب مجھے گھر جانا ہے، جتنا جلد جانا چاہتی ہوں اتنی دیر ہوتی جاتی ہے۔ بملا کے اب پَر لگ گئے ہیں۔ شاید میرے ہاتھوں اس کی شامت آئی ہے۔ ‘‘

’’ہاں، ہاں، مگر میں کیا کرسکتا ہوں، آپ جانیں اور وہ، اس میں میرا کیا قصور ہے۔ اور اگر آپ کو سچ مچ جلدی جانا ہے تو کہیے، میں آپ کی کمر میں رسی باندھ کر چھت سے لٹکادوں، کہیے تو تالا توڑ دوں؟ اب آپ کی جو رائے ہو؟‘‘

اس نے ایک لمحے کے لیے سوچا اور جواب دیا۔ ‘‘

مجبوری ہے تالا توڑنا ہی پڑے گا۔ ‘‘

لیکن۔ میں نے کرسی پر سے اٹھتے ہوئے کہا۔

’’تالا بہت بڑا ہے اور اسکو توڑنے کے لیے بہت سی دقتیں پیش آئیں گی۔ اس کے علاوہ ہتھوڑے کی چوٹوں کی آواز سن کر لوگ کیا کہیں گے؟‘‘

یہ سُن کر وہ سنجیدہ ہو گئی اور کچھ دیر سوچنے کے بعد بولی،

’’لیکن مجھے گھر بھی تو جانا ہے لوگ کیا کہیں گے، ہم کسی غیر کے گھر میں سیندھ تھوڑی لگا رہے ہیں اپنے گھر کا تالا توڑ رہے ہیں۔ ‘‘

’’ہے ہے آج میں کس ساعت سے آئی تھی، اب کیا ہو گا۔ میں کس طرح جاؤں، ہائے رام کس بلا میں پھنس گئی!‘‘

میرا وار خالی گیا۔ دراصل میں یہ چاہتا تھا کہ وہ ماحول کی نزاکت سے اچھی طرح آگاہ ہو جائے جس میں کہ وہ اس وقت موجود تھی۔ چنانچہ میں نے بات کو ذرا وضاحت سے بیان کیا۔

’’ماتا جی لاہور گئی ہیں! پتا جی باہر ہیں اور بملا غائب ہے اس صورت میں۔ ‘‘

میں یہ کہتے کہتے رک گیا اور پھر اس فقرے کو یوں پورا کردیا۔

’’تالا توڑنا اچھا معلوم نہیں ہوتا۔ ‘‘

اب کی دفعہ تیر نشانے پر بیٹھا۔ پاربتی کے سپید چہرے پر ہلکی سی سرخی چھا گئی اور ایک لمحے کے لیے ایسا معلوم ہوا کہ اس کے گالوں پر گلاب کی پتیاں بکھر گئی ہیں۔ وہ اپنی ریشمی ساڑھی میں سمٹی، کانپی، تھرائی، پارے کی طرح تڑپی اور کچھ کہتی کہتی خاموش ہو گئی۔ میں نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور ہمدردانہ لہجہ میں کہا۔

’’تم خود سوچ سکتی ہو۔ ویسے مجھے کوئی عذر نہیں!‘‘

وہ پیچ و تاب کھا کر رہ گئی۔ میں اس کو مضطرب دیکھ کر بہت مسرور ہورہا تھا! کل کی چلبلی شوخ و شنگ اور طرّارلڑکی جو بادلوں سے آنکھ مچولی کھیلتی ہوئی بجلی کی طرح چمکا کرتی تھی۔ آج دیے کی کرن بن کر رہ گئی تھی جو میری پھونک کے رحم پر تھی۔ ساحل کے پتھروں سے ٹکرا کر پلٹتی ہوئی لہر کی طرح اس نے اپنے آپ میں نئی تازگی پیدا کرکے کہا۔

’’میری تو جان پر بنی ہوئی ہے اور آپ ہیں کہ چبا چبا کر باتیں کیے جارہے ہیں۔ ‘‘

’’کون سی بات؟‘‘

’’یہی، یہی کہ لوگ کیا کہیں گے؟‘‘

اُس نے اپنے شرمیلے جذبات پر پوری قوت سے قابو پاتے ہوئے کہا۔ میں کرسی پر بیٹھ گیا اور زیرِ لب گنگنانے لگا۔

’’ماتا جی لاہور گئی ہیں، پتا جی باہر ہیں اور بملا گم ہے!‘‘

’’آپ کون سی نئی بات کررہے ہیں! یہ تو مجھے بھی معلوم ہے، سوال تو یہ ہے کہ بملا کہاں ہے؟‘‘

’’اوپر ہو گی اور کہاں؟‘‘

’’اوپر؟ اوپر کی خوب کہی۔ میں اوپر چپہ چپہ ڈھونڈ آئی ہوں۔ ‘‘

’’تم اسے نیچے ڈھونڈتی ہو گی۔ تو وہ دوسری سیڑھیوں سے اوپر چلی جاتی ہو گی۔ جب تم اوپر جاؤ گی تو وہ نیچے آجائے گی۔ یہ ایک بات میرے ذہن میں آتی ہے اور۔ ‘‘

’’اس کا ایک علاج ہو سکتا ہے‘‘

پاربتی نے اپنے داہنے گال پر انگلی سے ایک نہایت دلکش گڑھا بناتے ہوئے کہا۔

’’میں اوپر جاتی ہوں اور آپ ایسا کیجیے کہ دوسری سیڑھیوں پر کھڑے ہوجائیے اور جونہی وہ نیچے اترے اسے پکڑ لیجیے۔ ‘‘

’’میں نے اس کی تجویز کو سنا اورکہا

’’لیکن شاید وہ اصل میں یہاں موجود ہی نہ ہو گی۔ ‘‘

’’یہاں موجود نہ ہو‘‘

میری بات سن کرپاربتی کا سر ضرور چکرا گیا۔ وہ کہنے لگی۔

’’ہاں ہو سکتا ہے، اس لیے کہ اگر ہوتی تو مل نہ جاتی؟‘‘

’’کیا ہو سکتا ہے وہ یہاں نہ ہو تو پھر دروازے کو تالا کس نے لگا دیا ہے۔ یہ کہیں آپ کی شرارت تو نہیں، سچ کہیے؟‘‘

’’مجھے کیا معلوم، میرا خیال ہے کہ بملا اپنی کسی سہیلی کے ہاں گئی ہو گی۔ یہ میں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ وہ صبح اپنی ساڑھی استری کررہی تھی!‘‘

’’آپ کیا کہہ رہے ہیں؟‘‘

پاربتی کی حیرت لحظہ بہ لحظہ بڑھ رہی تھی۔

’’اگر وہ کسی سہیلی کے ہاں گئی ہے تو پھر تالا کس نے لگا ہے۔ یہ کیا شرارت ہے؟‘‘

’’حیران ہونے کی کوئی بات نہیں، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ وہ اپنی سہیلی ہی کے ہاں گئی ہے، اس لیے کہ جاتے وقت وہ سنتو کو ہمراہ لیتی گئی تھی، اب مجھے یاد آیا۔ باقی رہا میں، تو آپ ہی بتائیے، میں آپ کو کیوں قید کرنے لگا۔ پر اتنا ضرور کہوں گا کہ بڑی دلچسپ مچھلی جال میں پھنسی ہے۔ ‘‘

’’آپ کیا کہہ رہے ہیں۔ تو پھر۔ تو پھر۔ یہ شرارت۔ ‘‘

وہ اپنے فقرے کو پورا نہ کرسکی۔

’’ہاں یہ شرارت میں بھی تو کرسکتا ہوں۔ ‘‘

میں نے مسکرا کر جواب دیا۔

’’آپ کا خیال ہے کہ میں اس کا اہل نہیں؟۔ شاید میں نے آپ سے کسی وقت کا بدلہ لیا ہو۔ ‘‘

پاربتی کی حالت عجیب و غریب تھی۔ بند بھاپ کی طرح وہ باہر نکلنے کے لیے بے قرار ہورہی تھی۔ اس نے میری طرف تیز نگاہوں سے دیکھا، جیسے میرے سینے کے اسرار جاننا چاہتی ہے۔ لیکن میں ایک کامیاب ایکٹر کی طرح اپنا پارٹ نبھا رہا تھا۔ اس نے اپنی آنکھ کی پتلیوں کو نچاتے ہوئے دریافت کیا۔

’’لیکن اس شرارت کی وجہ؟‘‘

’’مجھے معلوم نہیں!‘‘

وہ خاموش ہو گئی۔ پھر یکا یک جیسے اسے کچھ یاد آگیا۔ کہنے لگی۔

’’موہن صاحب! مجھے گھر جانا ہے!‘‘

’’مجھے معلوم ہے، پر یہ تو بتائیے، کیا کسی نے آپ کا ہاتھ پکڑا ہے؟‘‘

’’تو دروازہ کھول دیجیے۔ ‘‘

یہ کہنے کے بعد اس نے کچھ سوچا اور کہا۔

’’لیکن آپ کس طرح کہہ رہے ہیں کہ تالا آپ نے لگایا ہے، کیا بملا واقعی یہاں نہیں ہے؟‘‘

’’مجھے یقین ہے کہ وہ یہاں نہیں ہے۔ اس لیے کہ میں خود اسے رام گلی میں چھوڑ کرآیا ہوں اورمیں نے ان ہاتھوں سے قفل لگایا ہے‘‘

میری گفتگو کا انداز نہایت متین اور سنجیدہ تھا۔

’’آپ نے قفل کیوں لگایا؟‘‘

پاربتی نے نہایت تیزی سے دریافت کیا۔

’’دیکھا میں نہ کہتی تھی، یہ آپ ہی کارستانی ہے۔ ‘‘

’’کیوں لگایا، اس لیے کہ میں نے لگا دیا۔ اورمیں نے نہیں لگایا۔ اور میں نے نہیں لگایا میرے ہاتھوں نے لگایا ہے۔ ‘‘

’’یہ بھی کوئی بات ہے؟‘‘

میں کرسی پرسے اٹھا اور جمائی لے کر کہا۔

’’رات کو دیر تک باہر رہنے سے پوری نیند نہیں سو سکا۔ میرا خیال ہے، اب سونا چاہیے۔ ‘‘

’’چابی دے دیجیے، پھر آپ سو سکتے ہیں۔ ورنہ قیامت برپا کردوں گی۔ ‘‘

پاربتی نے سخت اضطراب کی حالت میں چابی کے لیے اپنا ہاتھ میری طرف بڑھایا۔

’’چابی۔ چابی‘‘

میں نے اپنی قمیض کی جیب میں ہاتھ ڈال کرکہا۔

’’مگر وہ تو گم ہو گئی ہو گی۔ نامعلوم کس نے اُڑن چُھو کر ڈالی۔ اب کیا ہو گا؟‘‘

یہ سن کر پاربتی خشم آلود ہوکربولی۔

’’گم ہو گئی ہو گی۔ ‘‘

یعنی آپ کو پہلے سے ہی معلوم تھا کہ گم ہو جائے گی۔ موہن صاحب! داہنے ہاتھ سے چابی نکال کر دے دیجیے، یہ شرارتیں جوان لڑکیوں کے ساتھ اچھی معلوم نہیں ہوتیں، ورنہ میرا نام پاربتی ہے پاربتی، مجھے کوئی ایسی ویسی لڑکی نہ سمجھیے گا۔ ‘‘

’’چابی واقعی گم ہے‘‘

! میں نے پہلی سی متانت کے ساتھ جواب دیا

’’اور تمہیں اس قدر تیز ہونے کی ضرورت نہیں، بیکار تم مجھ پر اس قدر گرم ہورہی ہو۔ ‘‘

’’چابی گم کہاں ہوئی۔ مجھے بھی تو معلوم ہو؟‘‘

پاربتی اب ہوا سے لڑنا چاہتی تھی۔

’’آخر آپ کی جیب سے کوئی جنات لے گیا۔ ‘‘

’’اگر تمہیں معلوم ہو جائے تو کیا کرلو گی، دروازہ بند ہے اور میں نے اسے گلی میں پھینک دیا ہے! لو اب صاف سنو میں دروازے کی درز سے دیکھا کہ جب میں نے گلی میں پھینکی تو کتے نے ہڈی سمجھ کر منہ میں دبوچ لیا اور نگل لیا۔ اب وہ کتا ڈھونڈا جائے، اس کا پیٹ چیرا جائے، تب کہیں ملے۔ ‘‘

یہ سُن کر وہ جھلا کر رہ گئی اور زیادہ تیز آواز میں کہا۔

’’آپ کو اس شرارت کا جواب دینا ہو گا؟‘‘

’’کسے؟‘‘

’’یہ بعد میں معلوم ہو جائے گا۔ ‘‘

میں نے اطمینان کا سانس لیا اور کہا۔

’’تو پھر یہ بعد کی بات ہے اُس وقت دیکھا جائے گا۔ اب ہمیں حال پر غور کرنا ہے۔ کتے کے پیٹ میں کہیں کنجی گھل نہ گئی ہو۔ ‘‘

وہ خاموش ہو گئی۔ اور میں بھی چپ ہو گیا۔ کمرے میں مکمل سکوت طاری تھا۔ وہ ٹائیلٹ میز کے قریب متحیر کھڑی تھی اور غالباً اپنی بے بسی پر کُڑھ رہی تھی۔

’’آپ دروازہ نہیں کھولیں گے؟‘‘

اس نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد کہا۔

’’دیکھیے مجھے نہ ستائیے، و رنہ اس کا انجام اچھا نہ ہو گا۔ ‘‘

’’میرے پاس چابی نہیں، اس لیے مجبور ہوں، ہاں البتہ شام کو دروازہ کھولا جا سکتا ہے اس لیے کہ شاید اس وقت تک تلاش کرنے پر مل جائے۔ ‘‘

’’اورمیں اس وقت تک یہیں قید رہوں گی؟‘‘

’’نہیں، تم بڑی خوشی سے صحن میں، کمروں میں، کوٹھوں پر جہاں چاہو کود سکتی ہو، گا سکتی ہو، مجھے کوئی عذر نہیں۔ ‘‘

’’پرماتما جانے آپ کو کیا ہو گیا ہے۔ ‘‘

وہ میری گفتگو کے انداز پر سخت حیرت زدہ تھی۔

’’میں اچھا بھلا ہوں لیکن کبھی کبھی تفریح بھی تو ہونی چاہیے۔ کیا تم اس کی قائل نہیں ہو۔ کیا تم کبھی ایسا تفریح مذاق نہیں کرتیں۔ ‘‘

’’مجھے گھر جانا ہے موہن صاحب!‘‘

اُس نے میرے سوال کا جواب دیا۔

’’تم بالکل صحیح کہہ رہی ہو، تمہیں گھر جانا ہے۔ گھر گیا پانی سے بھر اور اس میں بڑے بڑے کچھوؤں کا ڈر، لیکن بتاؤ میں کیا کرسکتا ہوں؟‘‘

’’چابی دے دیجیے، بہت ستا چکے اب نہ ستائیے۔ ‘‘

’’دیوی جی، مجھے افسوس ہے کہ وہ کم بخت ناشدنی گم ہو گئی ہے۔ ‘‘

’’گم ہو گئی ہے، گم ہو گئی ہے، آپ نے یہ کیا رٹ لگا رکھی ہے۔ آپ چابی کیوں نہیں دیتے؟‘‘

’’میرے پاس نہیں ہے سرکار، کتے کے پیٹ میں ہے۔ ‘‘

’’موہن صاحب! لڑکیوں سے اس طرح کا مذاق نہیں کرتے۔ کتے کا پیٹ، آپ کی جیب ہے۔ ‘‘

’’اچھا تو یونہی ہو گا۔ ‘‘

’’یونہی ہو گا، چابی لائیے میں جانا چاہتی ہوں۔ ‘‘

’’میں ایک بار نہیں سو بار کہہ چکا ہوں کہ چابی میرے پاس نہیں ہے، نہیں ہے، نہیں ہے۔ ‘‘

’’چابی آپ کے پاس ہے، آپ کے پاس ہے، آپ کے پاس ہے!‘‘

’’میرے پاس نہیں، نہیں، نہیں ہے۔ ‘‘

’’نہیں آپ ہی کے پاس ہے، ہے، ہے۔ ‘‘

اس نے

’’ہے‘‘

کو سو مرتبہ دہراتے ہوئے کہا۔

’’اچھا نہیں تھی تو ہے۔ ‘‘

’’تو لائیے جیب سے نکالیے۔ ‘‘

’’میں نہیں دوں گا۔ ‘‘

’’آپ کو دینا پڑے گی۔ ‘‘

’’کوئی زور ہے؟‘‘

’’میں چلانا شروع کردوں گی۔ ‘‘

اس نے مجھ پر رعب گانٹھا۔

’’بصد شوق۔ ‘‘

میں نے بڑے اطمینان سے جواب دیا۔

’’مگر تم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ناحق اپنا گلا پھاڑو گی، حلق تھکاؤ گی۔ کچھ بھی نہ ہو گا، روپیٹ کے دیکھ لو۔ میں جھوٹ نہیں کہتا۔ اس کمرے میں کوئی روشندان نہیں۔ دروازوں پر جتنے پردے لٹک رہے ہیں سب کے سب دبیز ہیں۔ مجھے بچپن ہی میں اس کا کئی مرتبہ تلخ تجربہ ہو چکا ہے کہ یہاں سے بلند سے بلند آواز بھی باہر نہیں جاسکتی۔ ماتاجی احتیاطاً مجھے اس کمرے میں پیٹا کرتی تھیں۔ میں اس مار سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے زور زور سے چلایا کرتا تھا کہ پتا جی میری آواز سن لیں مگر بے سود۔ تم بیکار چلاؤ گی۔ ‘‘

پاربتی نے میری بات سنی اور ہارے ہوئے انسان کی طرح کہا۔

’’لیکن آپ چابی نہیں دیں گے؟‘‘

’’مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ نہیں‘‘

’’کیوں؟ اس کا سبب؟‘‘

’’پھر وہی مہمل سوال۔ ‘‘

’’آپ کا مذاق حد سے بڑھ رہاہے۔ ‘‘

اس نے اپنی ساڑھی کے گرتے ہوئے پلو کو سنبھالتے ہوئے کہا۔

’’میں یہ سب معاملہ حرف بحرف جیسے کا تیسا بملا کو سنا دوں گی۔ ‘‘

’’بڑے شوق سے، میں آج شام کو دہلی جارہا ہوں۔ اس کے علاوہ بیچاری بملا کر بھی کیا سکے گی؟‘‘

’’وہ آپ کے پتا جی سے شکایت کرے گی۔ ‘‘

’’میری ایک خشم آلود جھڑکی اس کی زبان بند کرنے کے لیے کافی ہو گی۔ ‘‘

’’تو میں خود اُن سے سب کچھ کہہ دوں گی۔ ‘‘

’’جو دل میں آئے کرلینا۔ اس وقت اس کے اظہار کی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘

میں نے کہنے کو تو کہہ دیا۔ مگر دل میں بہت ڈرا۔ پتا جی گو نرم دل تھے۔ مگر اس قسم کی شرارت کا سُن کر ان کا رنجیدہ ہونا لازم تھا۔ بہر حال میں نے سوچ رکھا تھا کہ اگر پاربتی نے ان سے کہہ دیا تو میں سر جھکا کر ان کی لعن طعن سن لوں گا۔ دراصل میں کسی قیمت پر بھی اِدھر اُدھر کی چیزیں کتر کر جھٹ سے اپنے بل میں گھس جانے والی چوہیا کو اپنے دامِ انتقام سے باہر نہیں نکالنا چاہتا تھا۔ مجھے خاموش دیکھ کروہ میرے فرض سے آگاہ کرنے کی خاطر بولی۔

’’آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ مجھے گھر جانا ہے۔ بس دل لگی ہو چکی۔ اب کنجی سیدھے من سے نکالیے‘‘

’’تم نہیں جاسکتی ہو۔ ‘‘

’’یہ بھی عجیب سکھا شاہی ہے۔ ‘‘

’’ہاں اس مکان میں میرا راج ہے اور سامنے والے مکان پر تمہارا۔ اپنے مکان کی چھت پر تم سیوا جی ہو اور ہم تمہاری حکومت تسلیم کرتے رہے۔ تم نے ہزاروں مرتبہ چڑھے ہوئے پتنگوں کو کئی کئی ریل ڈور سمیت توڑ لیا ہے اور ہم خاموش رہے ہیں۔ آج ہماری بادشاہت میں ہو۔ اس لیے تمہیں دم مارنے کی مجال نہ ہونی چاہیے۔ ‘‘

’’میں نے آپ کے پتنگ کبھی نہیں توڑے، آپ غلط کہہ رہے ہیں۔ ‘‘

’’تم جھوٹ بول رہی ہو پاربتی، تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس وقت میرے ہاتھ بڑے بڑے اختیارات کی ڈورہے، مردوں سے بات بات پر نوک جھونک کرنا تمہاری فطرت میں داخل ہو گیا ہے۔ مگر شاید تمہیں یہ معلوم نہیں کہ ہم لوگ بڑے سخت گیر ہوتے ہیں۔ بُری طرح بدلہ لیتے ہیں سمجھیں!‘‘

یہ سن کر وہ اور بھی گھبرا گئی۔

’’میں جانتی ہوں۔ ‘‘

وہ دروازے کی طرف بڑھ رہی تھی کہ میں نے دوڑ کر دہلیز میں اس کا راستہ روک لیا۔

’’تم کمرے میں ہی رہو گی؟‘‘

’’ہٹیے، مجھے جانے دیجیے۔ ‘‘

اس نے میرے بازو کو جھٹکا دیا۔ میں وہیں پر جما رہا، یہ دیکھ کر وہ ایک قدم پیچھے ہٹ گئی اور سخت غصے کی حالت میں کہا۔

’’آپ زبردستی کررہے ہیں۔ ‘‘

’’ابھی تم نے زبردستی کا نصف بھی نہیں دیکھا۔ ‘‘

’’آپ مجھے نہیں جانے دیں گے؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

’’میں رو دوں گی، موہن صاحب میں سرپیٹ لوں گی اپنا‘‘

اور اس کی آنکھوں سے واقعی ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے، اسی حالت میں وہ رونی آواز میں دھمکیاں دیتی ہوئی آگے بڑھی۔ مجھے دھکا کر اس نے دروازے سے باہر نکلنا چاہا۔ اس کشمکش اور پریشانی میں مضطرب دیکھ کر مجھے اس پر ترس آگیا۔ اور جب وہ تازہ حملے کے لیے آگے بڑھی۔ تو میں نے بڑے آرام سے اس کے گیلے ہونٹوں کو اپنے لبوں سے چُھو لیا۔ میرے لبوں کا اس کے ہونٹوں کو چُھونا تھا کہ آفت برپا ہو گئی۔ یہ سمجھیے کہ کسی نے آتشبازی کی چھچھوندر کو آگ دکھا دی ہے۔ اس نے مجھے وہ موٹی موٹی گالیاں دیں کہ توبہ بھلی اور میرے سینے کو اپنے ہاتھوں سے دھڑا دھڑ پیٹنا شروع کردیا۔ لطف یہ ہے کہ آپ روتی جاتی تھی۔ آخر کار جب مجھے مار مارکر تھک گئی تو زمین پر بیٹھ کر سر کو گھٹنوں میں چھپا کر اور بھی زیادہ زور سے رونا شروع کردیا۔ نصف گھنٹے کی منت سماجت کے بعد اُس نے اپنی آنکھوں سے آنسو بہانے بند کیے۔ اس کے بعد میں نے جیب سے چابی نکالی اور صدر دروازہ کھول کر اپنے کمرے کی طرف جاتے ہوئے کہا۔

’’دروازہ کُھلا ہے اور آپ جاسکتی ہیں۔ ‘‘

اُس شام کو میں دہلی چلا گیا۔ اور پندرہ روز کے بعد واپس آیا۔ چونکہ گھرمیں کسی نے اس شرارت کے متعلق مجھ سے استفسار نہ کیا۔ اس لیے معلوم ہوا کہ پاربتی نے میرا چیلنج قبول کرلیا ہے کہ وہ انتقام ضرور لے گی۔ ایک روز میں نے میز کا دراز کھول کر اپنی بڑی تصویر نکالی۔ اس لیے کہ مجھے اس کا فریم بنوانا تھا۔ یہ فوٹو خاکستری رنگ کے بڑے لفافے میں بند تھا۔ چنانچہ میں اس کو کھول دیکھے بغیر فریم ساز کے ہاں لے گیا۔ اس کی دکان پر میں نے ڈیڑھ گھنٹے کے غور و فکر کے بعد فریم کے لیے ایک لکڑی انتخاب کی اور کچھ ہدایات دینے کے بعد تصویر والا لفافہ دکاندار کو دے دیا۔ اس نے جب اُسے کھول کر دیکھا تو کھلکھلا کر ہنس پڑا۔ میں نے جب تصویر پر نظر دوڑائی تو دیکھا۔ اس پر سیاہ پنسل سے مونچھیں اور داڑھی بنی ہوئی ہے۔ ناک پر ایک سیاہ گولا سا رکھا ہے اور چشمے کے شیشے بالکل سیاہ کردیے گئے ہیں۔ یہ تصویر میری شبیہ تھی مگر اس مسخ حالت میں اس کو پہچاننا بہت دشوار تھا۔ پہلے پہل تومیں بہت متحیر ہوا کہ یہ کس کی حرکت ہے مگر فوراً ہی سب معاملہ صاف ہو گیا۔ سیوا جی میری غیر حاضری میں اپنی ہمسایہ سلطنت پر نہایت کامیابی سے چھاپہ مار گئے تھے!

سعادت حسن منٹو

مہتاب خاں

شام کو میں گھر بیٹھا اپنی بچیوں سے کھیل رہا تھا کہ دوست طاہر صاحب بڑی افرا تفری میں آئے۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی آپ نے مینٹل پیس پر سے میرا فونٹین پن اُٹھا کر میرے ہاتھ میں تھمایا اور کہا کہ ہسپتال میں کسی ڈاکٹر کے نام ایک چٹ لکھ دیجیے۔ ‘‘

مجھے کچھ پوچھنے کی فرصت بھی نہ دی گئی اور میں نے ایک ڈاکٹر کے نام رقعہ لکھنا شروع کر دیا۔ مضمون طاہر صاحب نے لکھوایا جس کا مطلب یہ تھا کہ حامل رقعہ خطرناک طور پر علیل ہے اس لیے اسے فوراً ہسپتال میں داخل کر لیا جائے۔ مجھ سے جو لکھوایا گیا۔ میں نے لکھ دیا۔ تھوڑی دیر کے بعد طاہر صاحب پھر تشریف لائے۔ مجھے تشویش تھی کہ جس مریض کی میں نے سفارش کی ہے وہ ہسپتال میں داخل ہوسکا ہے یا نہیں لیکن وہ بڑے مطمئن تھے۔ میرے دریافت کرنے پر انھوں نے کہا

’’جہنم میں جائے۔ میں نے آپ کی چٹ اُس کے لواحقین کو دے دی ہے۔ ‘‘

یہ سُن کر میں خاموش ہو گیا لیکن تھوڑی دیر کے بعد ان سے پوچھا کہ

’’یہ مہتاب خاں کون ہیں جن کو ہسپتال میں داخل کرانے کے لیے آپ اتنے بے تاب تھے؟‘‘

طاہر صاحب مسکرائے

’’اوّل درجے کا حرامی ہے‘‘

اگر مہتاب خاں تیسرے درجے کا حرامی بھی ہوتا تو کیا فرق پڑتا لیکن مجھے اس سے فوراً دلچسپی پیدا ہو گئی چنانچہ میں نے اپنے دوست سے پوچھا

’’اسے عارضہ کیا تھا؟‘‘

طاہر صاحب نے جواب دیا

’’عشق کا‘‘

اس کے بعد اُنھوں نے خلاف معمول باتونی ہو کر مہتاب خاں کی داستان عشق سنانا شروع کر دی۔ آپ نے بتایا کہ مہتاب خاں کی عمر اٹھارہ اُنیس برس کے قریب ہے۔ جیسا کہ اس کا نام ظاہر کرتا ہے پٹھان ہے کافی ہٹا کٹا۔ مگر اس کی دونوں انکھوں میں لاسالگا ہوا ہے۔ چوبرجی کے قریب اس کے بڑے بھائی کی چائے کی دکان ہے جہاں اُس سے کام لینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ طاہر صاحب نے اُس نوجوان کے متعلق مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا۔

’’منٹو صاحب یہ شخص عجیب و غریب ہے۔ مزاج اس قدر عاشقانہ ہے کہ میں بیان نہیں کرسکتا۔ ہر وقت اپنے بھائی کے ہوٹل کے چولھے میں پنکھے سے کوئلے سلگاتا رہتاتھا مگر بازار میں ہر آنے جانے والی لڑکی کو ایسی نظروں سے دیکھتا کہ وہ اس پر اگر اُسی وقت نہیں تو تھوڑے عرصے میں ضرور عاشق ہو جائے گی اوربہت ممکن ہے گھر میں جا کر خودکشی کر لے‘‘

اس تمہید کے بعد طاہر صاحب نے مجھے بتایا کہ مہتاب خاں ہوٹل سے باہر لوگوں کے لیے چائے لے جایا کرتا تھا ایک دن اُسے اسکول کی ایک استانی نے جو فزیکل انسٹرکٹرس تھی اور ہوٹل کے پاس ہی رہتی تھی چائے کی ٹرے لانے کے لیے کہا۔ اُس کے ہاں پہنچتے ہی وہ اس لڑکی پر عاشق ہو گیا لیکن مہتاب خاں کا بیان اس سے جدا ہے۔ اس نے طاہر صاحب اور اُن کے دوستوں سے ٹھیٹ پٹھانی لہجے میں کہا۔

’’خو وہ رن جو اسکول میں پڑھاتی ہے، مجھے دیکھتے ہی گرم ہو گئی۔ خوام خربرو ہے جواں ہے۔ دیکھو اب کیا ہو۔ جان کے لالے پڑ جائیں گے۔ ‘‘

اُس کی جان کے لالے پڑے۔ وہ یوں کہ اس نے اپنے بھائی کے ہوٹل کے گلے سے پچاس روپے اڑا لیے اور کسی اور ہوٹل میں ٹھاٹ سے بیٹھ کر اپنے دوستوں کو یہ بات سنائی کہ مس مراد ( یہ اس لڑکی کا نام ہے ) بہت بڑی پیلے رنگ کی موٹر میں انار کلی سے گزر رہی تھی وہ ایک دکان پر کھڑا نسوار لے رہا تھا کہ عین اُس کے قریب اپنی موٹر رکوائی۔ باہر نکل کر سر بازار اُس سے ہاتھ ملایا اور اپنے پرس سے پچاس روپے کا نوٹ نکال کر اُس کو دیئے اور یہ جا وہ جا۔ مہتاب خاں کا بیان تھا کہ جب مس مراد نے اُس سے ہاتھ ملایا تو وہ محبت کے شدید جذبے سے تھر تھر کانپ رہی تھی۔ اُسی رات جب مہتاب خاں چوری کے پچاس روپے، کچھ ہوٹلوں میں باقی کے ہیرا منڈی میں خرچ کر چکا تھا اس کے بڑے بھائی نے جانے کس جگہ اُس کی گردن ناپی اور ایسے زور سے ناپی کہ وہ دو دن تک بِلبلاتا رہا لیکن اُس نے کسی پر یہ ظاہر نہ کیا ( حالانکہ حقیقت کا علم ہوٹل میں ہر آنے جانے والے کو تھا ) کہ اُس نے روپے چرائے تھے۔ وہ برابر یہی کہتا رہا کہ اُس کی جوانی اور اس کے حسن سے متاثر ہو کر وہ اُسے روپے دیتی رہتی ہے۔ دوسری مرتبہ اُس نے ساتھ والے دکاندار کے سو روپے چرائے اور انارکلی کے ایک ہوٹل میں بیٹھ کر اپنے دوستوں سے کہا کہ مس مراد نے اُسے یہ رقم عیش کرنے کے لیے دی ہے۔ وہ بہت مرعوب ہوئے لیکن دوسرے روز مہتاب خاں پکڑا گیا۔ چند روز حوالات میں رہا پھر مقدمہ چلا چونکہ ثبوت کوئی نہ تھا اس لیے بری ہو گیا۔ اس حادثے کے بعد مس مراد کا اس سے عشق اور زیادہ بڑھ گیا بلکہ یوں کہیے کہ اب وہ اپنی روایتی عاشقانہ بے اعتنائی ترک کر کے اس کو ہر وقت یاد کرنے لگا۔ چولھا سلگاتے وقت یا صبح کو جھاڑو دیتے ہوئے وہ مس مراد کا نام لیتا۔ خومس مُراد۔ تو ہی اماری مراد پوری کرے گی۔ اب اُس نے روپے پیسے کا سرقہ بند کر دیا، لیکن مکھن کی چوری شروع کر دی ہر روز وہ اپنے بھائی کے ہوٹل سے کم از کم مکھن کی دو ٹکیاں اڑالیتا آس پاس کے جو اور ہوٹل تھے ان سے بھی وہ صرف مکھن ہی چراتا اور کھاتا تھا۔ ہر روز اس قدر مکھن کھانے کا یہ اثر ہوا کہ مہتاب خاں اچھا خاصا ڈیری فارم بن گیا۔ اُس کے بدن سے اُس کے منہ سے اس کے لباس سے مکھن ہی کی بو آنے لگی۔ وہ اپنی صحت بنا رہا تھا اس کا یہ کہنا تھا کہ ہر عورت صحت اور جوانی پر مرتی ہے لیکن طاہر صاحب کا یہ کہنا ہے کہ ہر مکھن چور ٗ کرشن کنہیا نہیں بن سکتا ٗ اس کی آنکھیں ویسی کی ویسی چُنھی تھیں۔ اب کچھ مس مراد کے متعلق سُن لیجیے۔ طاہر صاحب نے جب ان کے حدوداربعے کے متعلق اِدھر اُدھر پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ اس کی ماں بھنگن ہے اور ابھی تک کوٹھے کماتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں لوگوں کا بول و براز اٹھاتی ہے۔ چونکہ وہ اور اس کا خاوند عیسائی ہو گئے تھے اس لیے اُن کی لڑکی مس مراد نے تھوڑی سی تعلیم حاصل کی اور ایک اسکول میں فزیکل انسٹرکٹرس ہو گئی۔ خوش شکل تھی اس لیے اس کے کئی چاہنے والے پیدا ہو گئے جو اُس کی تمام آسائشوں کا خیال رکھتے تھے۔ مہتاب خان اُس کے عشق میں بری طرح گرفتار تھا۔ ہوٹل میں کوئلے جلاتا اور آہیں بھرتا تھا لیکن اس کے باوجود وہ اپنے یارو دوستوں سے باتیں کرتا تو بڑے فخر سے اس بات کا اعلان کرتا کہ مس مراد اُس پر بہت بری طرح مرتی ہے۔ حالانکہ حقیقت اس کے برعکس تھی۔ مس مراد جو بے شمار عاشقوں کے درمیان گھری رہتی تھی اس کو مہتاب خاں کی موجودگی کا علم ہی کیا ہوسکتا تھا۔ اس کے علاوہ اس بے چارے کی حقیقت ہی کیا تھی۔ ایک دن مہتاب چائے کی ٹرے کر مس مراد کے یہاں گیا۔ جس جگہ وہ رہتی تھی وہاں ایک چھوٹا سا باغ تھا۔ اس میں لوکاٹ کے بوٹے تھے۔ مہتاب کو یہ پھل بے حد پسند تھے۔ معلوم نہیں کیوں۔ ٹرے لے کر اندر گیا تو وہاں مس مراد کے دوست احباب بیٹھے لوکاٹیں کھا رہے تھے۔ مس مراد نے اسے چار پانچ دانے شاید اس لیے دئیے کہ موسم کا پہلا میوہ تھا۔ وہ خوش ہوا۔ واپس ہوٹل آیا تو اُس کا بڑا بھائی لوکاٹیں کھا رہا تھا۔ جو مس مراد کی دی ہوئی لوکاٹوں کے مقابلے میں زیادہ بڑی اور رسیلی تھی لیکن مہتاب یہ ماننے سے منکر تھا۔ قریب قریب چخ ہو گئی۔ اس کے بڑے بھائی نے تاؤ میں آ کر کہا: اگر تمھیں اپنی مس مراد کی لوکاٹیں پسند ہیں اور جیسا کہ تم کہتے ہو وہ تم پر مرتی ہے تو ایک بوٹا وہاں سے لے آؤ اور ہوٹل کے سامنے لگا دو‘‘

رات بھر مہتاب خاں غائب رہا۔ اُس کے دوستوں کا خیال تھا کہ مس مراد نے بلالیا ہو گا۔ اُس نے سوپچاس روپے بھیج دئیے ہوں گے۔ جس سے عیاشی کر رہا ہو گا۔ مگر صبح سڑک پر آنے جانے والے یہ دیکھ کر حیران ہو گئے کہ اُس کے ہوٹل کے ساتھ جہاں ایک گڑھا تھا۔ لوکاٹ کا درخت لگا ہوا ہے۔ یہ اُس نے رات رات، وہاں سے جہاں مس مراد رہتی تھی اکھاڑا تھا۔ معلوم نہیں کتنی مشقت کرنی پڑی ہو گی اسے۔ اپنے دوستوں سے مگر اُس نے یہی کہا کہ مس مراد نے اُسے یہ بوٹا خود اپنے ہاتھوں سے عنایت کیا ہے اس لیے کہ وہ اس پر سوجان سے فریفتہ ہے۔ یہ بُوٹا چند دنوں کے اندر مرجھا گیا، لیکن اس کا چرچا کافی دیر تک رہا۔ طاہر صاحب کا یہ کہنا ہے کہ وہ مہتاب خاں کی اس مداری پُنے سے خاصے متاثر ہوئے تھے، لیکن انھوں نے جب اپنی روایتی محکم پسندی سے کام لیتے ہوئے مہتاب سے کہا:

’’تم بکواس کرتے ہو۔ ذرا آئینے میں اپنی شکل دیکھو، مس مراد کیا، تمھیں ایک ٹکھیائی بھی کبھی منہ نہیں لگا سکتی۔ ‘‘

یہ سُن کر اُس نے اپنا مکھن کھایا ہوا سینہ تان کر جواب دیا۔

’’خو۔ تم کیسا بات کرتا ہے۔ خو تم نے وہ فلم نہیں دیکھا۔ نام تھا پر کھائیں۔ نہیں، پرچھائیں۔ خو، اُس میں ایک خوبرو لڑکی، ایک اندھے سے محبت کرتی تھی۔ ام اندھا نہیں ہے۔ آنکھیں توڑی سی خراب ہیں۔ پر اس سے کیا ہوا۔ مس مراد ام سے محبت کرتا ہے۔ ‘‘

جیسا کہ طاہر صاحب کا کہنا ہے، یار لوگوں کی مہربانی سے مس مراد تک آخر یہ بات پہنچ گئی کہ مہتاب خاں، جس کی آنکھ میں پھولے ہیں اس سے بے پناہ عشق کرتا ہے۔ اس کا ردِ عمل خلاف توقع یہ ہوا کہ وہ اپنا مکان چھوڑ کر کہیں اور چلی گئی اس لیے کہ وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کے دوسرے چاہنے والے جو مہتاب کے مقابلے میں، آنکھوں کے نہیں عقل کے اندھے تھے، اس کے ہاں آنا جانا چھوڑ دیں۔ جب مہتاب کو معلوم ہوا کہ مس مراد چلی گئی ہے تو اس کو اس قدر صدمہ ہوا کہ اس روز اس نے ہوٹل میں جتنی مکھن کی ٹکیاں تھیں سب کھا لیں۔ اس کے بعد اس کا غم جب اور زیادہ بڑھا تو مکھن کھانے کی مقدار بڑھ گئی۔ نتیجہ اس کا یہ ہوا کہ اس کی توند بڑھ گئی۔ بڑا کاہل ہو گیا۔ چولھے میں کوئلے سلگاتے سلگاتے اونگھنے لگتا۔ بعض اوقات ایسی باتیں کرنا شروع کر دیتا کہ لوگوں کو یہ احساس ہوتا کہ وہ ماؤف الدماغ ہو گیا ہے۔ طاہر صاحب کا یہ کہنا ہے کہ اُسے ہوا ہوایا کچھ نہیں تھا۔ کشمیریوں کی زبان میں محض

’’ڈام‘‘

لگاتا تھا۔ جب کچھ دن گزرے تو اس نے شعر کہنے شروع کر دئیے مگر یہ شعر اُس کی اپنی تخلیق نہیں ہوتے تھے۔ اِدھر اُدھر فلمی گانوں کے بول توڑ مروڑ کر گنگنا دیتا، جس سے سننے والوں پر یہ واضح ہو جائے کہ وہ جذب کی حالت تک پہنچ چکا ہے، یا بہت جلد پہنچنے والا ہے۔ اُس کا ایک شعر طاہر صاحب کو یاد تھا جو اُنھوں نے مجھے سُنا دیا۔ ؂ دو دلوں کو یہ دنیا جینے ہی نہیں دیتی میری پھٹی شلوار کو سینے ہی نہیں دیتی اُس کی شلوار جو کافی گھیرے دار تھی، یوں تو ہمیشہ پھٹی رہتی، پر جب سے اُس کی مس مراد آنکھوں سے اوجھل ہوئی تو وہ بالکل لیر لیر ہو گئی لیکن اُس کی مکھن خوری دن بدن بڑھتی گئی۔ اس کا چہرہ اور زیادہ سرخ ہو گیا۔ ایک دن طاہر صاحب نے اُس سے کہا۔

’’تمہاری رگوں میں اتنا خون جمع ہو گیا ہے۔ کیوں نہیں اس میں چند اونس بلڈ بنک میں دے دیتے۔ ‘‘

وہ فوراً مان گیا۔ ڈاکٹروں نے اُس کا خون لیا جو بڑا صحت مند تھا۔ اُس کے بعد وہ ایک مرتبہ اور ہسپتال گیا۔ اُس کا خون لینے کے لیے سب ڈاکٹر ہر وقت تیار تھے۔ ایک مرتبہ اُسے خاص طور پر بُلایا گیا کہ اُس کے تازہ تازہ خون کی ضرورت تھی۔ جب وہ ہسپتال پہنچا تو اُسے معلوم ہوا کہ ایک مریض کے لیے اُس کے خون کی ضرورت ہے۔ اُسے کوئی عذر نہیں تھا۔ جب اسے فی میل وارڈ میں لے جایا گیا اور اُس کا خون مریض کے اندر داخل ہونے کا اہتمام کیا گیا تو اُس نے بستر پر دیکھا کہ مس مراد نیم بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہے۔ مہتاب خاں کو معاً خیال آیا کہ شاید اسے چائے لانے کے لیے بُلایا گیا ہے۔ چنانچہ اُس نے خود کو خالی ہاتھ محسوس کیا۔ لیکن جب اُس کا ہاتھ پکڑ کر اُسے میز پر لٹایا گیا اور اُس کے خون کے کئی اونس مس مراد کے جسم میں داخل کیے گئے تو وہ کسی قسم کی نقاہت محسوس کیے بغیر اٹھا اور کہنے لگا

’’خو، یہ امارا بہن ہے۔ اَم چلا۔

سعادت حسن منٹو

موم بتی کے آنسو

غلیظ طاق پر جو شکستہ دیوار میں بنا تھا۔ موم بتی ساری رات روتی رہی تھی۔ موم پگھل گھل کر کمرے کے گیلے فرش پر اوس کے ٹھٹھرے ہوئے دھندلے قطروں کے مانند بکھر رہا تھا۔ ننھی لاجو موتیوں کا ہار لینے پر ضد کرنے اور رونے لگی۔ تو اس کی ماں نے موم بتی کے ان جمے ہوئے آنسوؤں کو ایک کچے دھاگے میں پرو کر اس کا ہار بنا دیا۔ ننھی لاجو اس ہار کو پہن کر خوش ہو گئی۔ اور تالیاں بجاتی ہوئی باہر چلی گئی۔ رات آئی۔ میل بھرے طاقچے میں نئی موم بتی روشن ہوئی اور اس کی کانی کانی آنکھ اس کمرے کی تاریکی دیکھ کر ایک لمحے کے لیے حیرت کے باعث چمک اٹھی۔ مگر تھوڑی دیر کے بعد جب وہ اس ماحول کی عادی ہو گئی۔ تو اس نے خاموشی سے ٹکٹکی باندھ کر اپنے گردوپیش کو دیکھنا شروع کردیا۔ ننھی لاجو ایک چھوٹی سی کھٹیا پر پڑی سو رہی تھی۔ اور خواب میں اپنی سہیلی بندوسے لڑ رہی تھی کہ وہ اپنی گڑیا کا بیاہ اس کے گڈے سے کبھی نہیں کرے گی۔ اس لیے کہ وہ بدصورت ہے۔ ‘‘

لاجو کی ماں کھڑکی کے ساتھ لگی، خاموش اور نیم روشن سڑک پر پھیلی ہوئی کیچڑ کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی تھی، سامنے بھٹیارے کی بند دکان کے باہر چبوترے پر انگیٹھی میں سے کوئلوں کی چنگاریاں ضدی بچوں کی طرح مچل مچل کر نیچے گر رہی تھیں۔ گھنٹہ گھر نے غنودگی میں بارہ بجائے، بارہ کی آخری پکار دسمبر کی سرد رات میں تھوڑی دیر تک کانپتی رہی اور پھر خاموشی کا لحاف اوڑھ کر سو گئی۔ لاجو کی ماں کے کانوں میں نیند کا بڑا سہانا پیغام گنگنایا۔ مگر اس کی انتڑیاں اس کے دماغ تک کوئی اور بات پہنچا چکی تھیں۔ دفعتہً سرد ہوا کے جھونکے سے گھنگھرؤں کی مدھم جھنجھناہٹ اس کے کانوں تک پہنچی۔ اس نے یہ آواز اچھی طرح سننے کے لیے کانوں میں اپنی سماعت کی طاقت بھرنی شروع کردی۔ گھنگھرو رات کی خاموشی میں مرتے ہوتے آدمی کے حلق میں اٹکے ہوئے سانس کی طرح بجنا شروع ہو گئے، لاجو کی ماں اطمینان سے بیٹھ گئی۔ گھوڑے کی تھکی ہوئی ہنہناہٹ نے رات کی خاموشی میں ارتعاش پیدا کردیا۔ اور ایک تانگہ لالٹین کے کھمبے کی بغل میں آکھڑا ہوا۔ تانگہ والا نیچے اترا۔ گھوڑے کی پیٹھ پر تھپکی دے کر اس نے کھڑکی کی طرف دیکھا۔ جس کی چِق اٹھی ہوئی تھی۔ اور تخت پر ایک دھندلا سایہ بھی پھیلا تھا۔ اپنے کھردرے کمبل کو جسم کے گرد اچھی طرح لپیٹ کر تانگے والے نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا۔ ساڑھے تین روپے کا کریانہ تھا۔ اس میں اس نے ایک روپیہ چار آنے اپنے پاس رکھ لیے۔ اور باقی پیسے تانگے کی اگلی نشست کا گدا اٹھا کر اس کے نیچے چھپا دیے یہ کام کرنے کے بعد وہ کوٹھے کی سیڑھیوں کی طرف بڑھا۔ لاجو کی ماں چندو سنیاری اٹھی اور دروازہ کھول دیا۔ مادھو تانگے والا اندر داخل ہوا اور دروازے کی زنجیر چڑھا کر اس نے چندو سنیاری کو اپنے ساتھ لپٹا لیا۔

’’بھگوان جانتا ہے، مجھے تجھ سے کتنا پریم ہے۔ اگر جوانی میں ملاقات ہوتی تو یاروں کا تانگہ گھوڑا ضرور بکتا!‘‘

یہ کہہ کر اس نے ایک روپیہ اس کی ہتھیلی میں دبا دیا۔ چندو سنیاری نے پوچھا۔

’’بس؟‘‘

’’یہ لے۔ اور‘‘

مادھو نے چاندی کی چونی اس کی دوسری ہتھیلی پر جما دی۔

’’تیری جان کی قسم! بس یہی کچھ تھا میرے پاس!‘‘

رات کی سردی میں گھوڑا بازار میں کھڑا ہنہناتا رہا۔ لالٹین کا کھمبا ویسے ہی اونگھتا رہا۔ سامنے ٹوٹے ہوئے پلنگ پر مادھو بیہوش لیٹا تھا۔ اس کی بغل میں چندو سنیاری آنکھیں کھولے پڑی تھی اور پگھلتے ہوئے موم کے ان قطروں کو دیکھ رہی تھی جو گیلے فرش پرگر کر چھوٹے چھوٹے دانوں کی صورت میں جم رہے تھے۔ وہ ایکا ایکی دیوانہ وار اٹھی اور لاجو کی کھٹیا کے پاس بیٹھ گئی۔ ننھی لاجو کے سینے پر موم کے دانے دھڑک رہے تھے۔ چندو سنیاری کی دھندلی آنکھوں کو ایسا معلوم ہوا کہ موم بتی کے ان جمے ہوئے قطروں میں اس کی ننھی لاجو کی جوانی کے آنسو چھپ کر بیٹھ گئے ہیں۔ اس کا کانپتا ہوا ہاتھ بڑھا اور لاجو کے گلے سے وہ ہار جدا ہو گیا۔ پگھلے ہوئے موم پر سے موم بتی کا جلتا ہوا دھاگا پھسل کر نیچے فرش پرگرا اور اس کی آغوش میں سو گیا۔ کمرے میں خاموشی کے علاوہ اندھیرا بھی چھا گیا۔

سعادت حسن منٹو

موسم کی شرارت

شام کو سیر کے لیے نکلا اور ٹہلتا ٹہلتا اُس سڑک پر ہو لیا جو کشمیر کی طرف جاتی ہے۔ سڑک کے چاروں طرف چیڑ اور دیودار کے درخت، اونچی اونچی پہاڑیوں کے دامن پر کالے فیتے کی طرح پھیلے ہوئے تھے۔ کبھی کبھی ہوا کے جھونکے اس فیتے میں ایک کپکپاہٹ سی پیدا کر دیتے۔ میرے دائیں ہاتھ ایک اُونچا ٹیلہ تھا جس کے ڈھلوانوں میں گندم کے ہرے پودے نہایت ہی مدھم سرسراہٹ پیدا کر رہے تھے یہ سرسراہٹ کانوں پر بہت بھلی معلوم ہوتی تھی۔ آنکھیں بند کر لو تو یوں معلوم ہوتا کہ تصور کے گدگدے قالینوں پر کئی کنواریاں ریشمی ساڑھیاں پہنے چل پھر رہی ہیں۔ ان ڈھلوانوں کے بہت اوپر چیڑ کے اونچے درختوں کا ایک ہجوم تھا۔ بائیں طرف سڑک کے بہت نیچے ایک چھوٹا سا مکان تھا جس کو جھاڑیوں نے گھیر رکھا تھا اس سے کچھ فاصلے پر پست قد جھونپڑے تھے۔ جیسے کسی حسین چہرے پر تل۔ ہوا گیلی اور پہاڑی گھاس کی بھینی بھینی باس سے لدی ہوئی تھی۔ مجھے اس سیر میں ایک ناقابلِ بیان لذت محسوس ہو رہی تھی۔ سامنے ٹیلے پر دو بکریاں بڑے پیار سے ایک دوسری کو اپنے ننھے ننھے سینگوں سے ریل رہی تھیں۔ ان سے کچھ فاصلے پر کُتے کا ایک پلّا جو کہ جسامت میں میرے بوٹ کے برابر تھا۔ ایک بھاری بھرکم بھینس کی ٹانگ سے لپٹ لپٹ کر اُسے ڈرانے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ شاید بھونکتا بھی تھا۔ کیونکہ اُس کا منہ بار بار کھلتا تھا۔ مگر اُس کی آواز میرے کانوں تک نہیں پہنچتی تھی۔ میں یہ تماشا دیکھنے کے لیے ٹھہر گیا کتے کا پلّا دیر تک بھینس کی ٹانگوں پر اپنے پنجے مارتا رہا۔ مگر اس کی ان دھمکیوں کا اثر نہ ہوا۔ جواب میں بھینس نے دو تین مرتبہ اپنی دم ہلا دی اور بس!۔۔۔۔۔۔۔ لیکن ایکا ایکی جب کہ پلّاحملے کے لیے آگے بڑھ رہا تھا۔ بھینس نے زور سے اپنی دم ہلائی۔ کسی سیاہ سی چیز کو اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر وہ اس انداز سے اُچھلا کہ مجھے بے اختیار ہنسی آ گئی۔ میں ان کو چھوڑ کر آگے بڑھا۔ آسمان پر بادل کے سفید ٹکڑے پھیلے ہُوئے بادبان معلوم ہوتے تھے۔ جن کو ہوا ادھر سے اُدھر دھکیل رہی تھی۔ سامنے پہاڑ کی چوٹی پر ایک قد آور درخت سنتری کی طرح اکڑا ہوا تھا۔ اس کے پیچھے بادل کا ایک ٹکڑا جھوم رہا تھا۔ بادل یہ دراز قد درخت اور پہاڑی۔۔۔۔۔۔۔ تینوں مل کر بہت بڑے جہاز کا منظر پیش کر رہے تھے۔ میں نیچر کی اس تصویر کشی کو بے خود ہو کر دیکھ رہا تھا کہ دفعتاً لاری کے ہارن نے مجھے چونکا دیا۔ خیالوں کی دنیا سے اتر کر میں آوازوں کی دنیا میں آ گیا۔ من کی آنکھیں بند ہو گئیں۔ مساموں کے سارے کان کھل گئے۔ میں فوراً سڑک کے ایک طرف ہٹ گیا۔ لاری پر کار کی طرح بڑی تیزی سے موڑ کے نصف دائرے پرگھومی اور ہوا ہوئی میرے پاس سے گزر گئی۔ ایک اور لاری گزرنے پر موڑ کے عقب میں پانچ چھ گائیں نمودار ہوئیں۔ جو سر لٹکائے ہولے ہولے چل رہی تھیں۔ میں اپنی جگہ پر کھڑا رہا جب یہ میرے آگے سے گزر گئیں تو میں نے قدم اٹھایا اور موڑ کی جانب بڑھا۔ چند گزوں کا فاصلہ طے کرنے پر جب میں سڑک کے بائیں ہاتھ والے ٹیلے کے ایک بہت بڑے پتھر کے آگے سے نکل گیا۔ جو موڑ پر سنگین پردے کا کام دے کر سڑک کے دوسرے حصّے کو بالکل اوجھل کیے ہوئے تھا۔ تو دفعتاً میری نظریں ایک خود رو پودے سے دو چار ہوئیں۔ وہ جوان تھی، اُس گائے کی طرح جوان، جس کے پٹھے جوانی کے جوش سے پھڑک رہے تھے۔ اور جو اس کے پاس سے اپنے اندر ہزاروں کپکپاہٹیں لیے گزر رہی تھی۔۔۔۔۔۔ میں ٹھہر گیا۔ وہ ایک ننھے سے بچھڑے کو ہانک رہی تھی۔ دو تین قدم چل کر بچھڑا ٹھہر گیا اور اپنی جگہ پر ایسا جما کہ ہلنے کا نام نہ لیا۔ لڑکی نے بہتیرا زور لگایا۔ لاکھ جتن کیے وہ ایک قدم آگے نہ بڑھا اور کان سمیٹ کر ایسا خاموش ہوا۔ گویا وہ کسی کی آواز ہی نہیں سنتا۔ یہ تیور دیکھ لڑکی نے اپنی چھڑی سے کام لینا چاہا۔ مگر چیڑ کی پتلی سی ٹہنی کار آمد ثابت نہ ہُوئی۔ تھک ہار کر اس نے بڑی مایوسی اور انتہائی غصّے کی ملی جُلی حالت میں اپنے دونوں پاؤں زمین پر زور سے مارے اور کاندھوں کو جنبش دے کر اس انداز سے کھڑی ہو گئی۔ گویا اس حیوان سے کہنا چاہتی ہے۔

’’لو اب ہم بھی یہاں سے ایک انچ نہ ہلیں گے۔ میں ابھی لڑکی کی اس پیاری حرکت کا مزا لینے کی خاطر ذہن میں دُہرانے ہی والا تھا کہ دفعتاً بچھڑا خود بخود اُٹھ بھاگا۔ وہ اُس تیزی کے ساتھ دوڑ رہا تھا کہ اس کی کمزور ٹانگیں میز کے ڈھیلے پایوں کی طرح لڑکھڑا رہی تھیں۔ لڑکی بچھڑے کی اس شرارت پر بہت متحیّر اور خشمناک ہُوئی۔ نہ جانے میں کیوں خوش ہُوا کہ اسی اثنا میں اُس نے میری طرف دیکھا اور میں نے اس کی طرف ہم دونوں بیک وقت ہنس پڑے۔ فضا پر تاروں کا چھڑکاؤ سا ہو گیا۔ یہ سب کچھ ایک لمحے کے اندر اندر ہوا۔ اُس نے پھر میری طرف دیکھا۔ مگر اس دفعہ سوال کرنے والی لاج بھری آنکھوں سے۔۔۔۔۔۔ شاید اس کو اب اس بات کا احساس ہوا تھا کہ اس کی مسکراہٹ کسی غیر مرد کے تبسم سے جا ٹکرائی ہے۔ وہ گہرے سبز رنگ کا ڈوپٹہ اوڑھے ہُوئے تھی۔ معلوم ہوتا تھا کہ آس پاس کی ہریاول نے اپنی سبزی اُسی سے مستعار لی ہے۔ اس کی شلوار بھی اسی رنگ کی تھی۔ اگر وہ کُرتہ بھی اُسی رنگ کا پہنے ہوتی۔ تو دور سے دیکھنے والے یہی سمجھتے کہ سڑک کے درمیان ایک چھوٹا سا درخت اُگ رہا ہے۔ ہوا کے ملائم جھونکے اس کے سبز دوپٹے میں بڑی پیاری لہریں پیدا کر رہے تھے خود کو بیکار کھڑی دیکھ کر اور مجھ کو اپنی طرف گھورتے پا کر وہ بے چین سی ہو گئی۔ اور ادھر اُدھر یونہی دیکھا کہ جیسے کسی کا انتظار کر رہی ہے۔ پھر اپنے دوپٹے کو سنوار کر اُس نے اُس طرف کا رُخ کیا۔ جدھر گائیں آہستہ آہستہ جا رہی تھیں۔ میں اس سے کچھ فاصلے پر بائیں ہاتھ پتھروں کے پاس کھڑا تھا۔ جو سڑک کے کنارے کنارے دیوار کی شکل میں چُنے ہوئے تھے۔ جب وہ میرے قریب آئی۔ تو غیر ارادی طور پر اُس نے میری طرف نگاہیں اُٹھائیں لیکن فوراً سر کو جھٹک کر نیچے جھکا لیں۔ کولھے مٹکاتی اور چھڑی ہلاتی میرے پاس سے یوں گزری۔ جیسے کبھی کبھی میرا اپنا خیال میرے ذہن سے اپنا کاندھا رگڑ کر گزر جایا کرتا ہے۔ اس کے سلیپر جو غالباً اُس کے پاؤں میں کھُلے تھے۔ سڑک پر گھسٹنے سے شور پیدا کر رہے تھے۔ تھوڑی دور جا کر اُس نے اپنے قدم تیز کیے اور پھر دوڑنا شروع کر دیا۔ بیس پچیس گز کے فاصلے پر وہ پتھروں سے چُنی ہُوئی دیوار پر پھُرتی سے چڑھی اور مجھے ایک نظر دیکھ کر دوسری طرف کود گئی۔ پھر دوڑ کر ایک جھونپڑے پر چڑھ کر منڈیر پر بیٹھ گئی۔ اس کی یہ حرکات۔۔۔۔۔۔ یعنی۔۔۔۔۔۔۔ یعنی۔۔۔۔۔ میری طرف اُس کا تین بار دیکھنا ۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا اُس کی مسکراہٹ کے ساتھ میرے تبسّم کے کچھ ذرے تو نہیں چمٹ گئے تھے۔ اس خیال نے میری نبض کی دھڑکن تیز کر دی۔ تھوڑی دیر کے بعد مجھے تھکاوٹ سی محسوس ہونے لگی۔ میرے پیچھے جھاڑیوں میں جنگل کے پنچھی گیت برسا رہے تھے۔ ہوا میں کھُلی ہوئی موسیقی مجھے کس قدر پیاری معلوم ہوئی۔ نہ جانے میں کتنے گھونٹ اس راگ ملی ہوئی ہوا کے غٹاغٹ پی گیا۔ جھونپڑے سے کچھ دُور جھاڑیوں کے پاس لڑکی کی گائیں گھاس چر رہی تھیں۔ ان سے پرے پتھریلی پگڈنڈی پر ایک کشمیری مزدور گھاس کا گٹھا کمر پر لادے اوپر چڑھ رہا تھا۔ دُور۔۔۔۔۔۔ بہت دُور ایک ٹیلے سے دُھواں بل کھاتا ہوا آسمان کی نیلاہٹ میں گھل مِل رہا تھا۔ میرے گردوپیش پہاڑیوں کی بلندیوں پر ہرے ہرے چیڑوں اور سانولے پتھروں کے چوڑے چکلے سینوں پر ڈُوبتے سورج کی زریں کرنیں سیاہ اور سنہرے رنگ کے مخلوط سائے بکھیر رہی تھیں کتنا سُندر اور سہانا سماں تھا۔ میں نے اپنے آپ کو عظیم الشان محبت میں گھِرا ہوا پایا۔ وہ جوان تھی۔ اُس کی ناک اس پنسل کی طرح سیدھی اور ستواں تھی جس سے میں یہ سطریں لکھ رہا ہوں، اس کی آنکھیں۔۔۔۔۔۔ میں نے اُس جیسی آنکھیں بہت کم دیکھی ہیں اس پہاڑی علاقے کی ساری گہرائیاں ان میں سمٹ کر رہ گئی تھیں۔ پلکیں گھنی اور لمبی تھیں۔ جب وہ میرے پاس سے گزری تھی تو دھوپ کی ایک لرزاں شعاع اس کی پلکوں میں الجھ گئی تھی۔ اس کا سینہ مضبوط اور کشادہ تھا۔ اس میں جوانی سانس لیتی تھی۔ کاندھے چوڑے باہیں گول اور گدراہٹ سے بھرپور، کانوں میں چاندی کے لمبے لمبے بُندے تھے۔ بال دیہاتیوں کی طرح سیدھی مانگ نکال کر گندھے ہوئے تھے جس سے اس کے چہرے پر وقار پیدا ہو گیا تھا۔ وہ جھونپڑے کی مٹیالی چھت پر بیٹھی اپنی چھڑی سے منڈیر کوٹ رہی تھی میں سڑک پر کھڑا تھا

’’کس قدر بیوقوف ہوں‘‘

دفعتہ میں نے ہوش سنبھالا اور اپنے دل سے کہا۔ اگر کوئی مجھے اس طرح اُس کو گھورتا ہوا دیکھ لے تو کیا کہے۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے ساتھ یہ کیونکر ہو سکتا ہے۔

’’یہ کیونکر ہو سکتا ہے؟‘‘

جب میں نے ان الفاظ پر غور کیا تو معلوم ہوا کہ میں کسی اور ہی خیال میں تھا۔ اس احساس پر مجھے ہنسی آ گئی اور یونہی ایک بار اُس کو اور دیکھ کر سیر کے قصد سے آگے بڑھا۔ دو ہی قدم چل کر مجھے خیال آیا کہ یہاں بٹوت میں صرف چند روز قیام کرنا ہے کیوں نہ رخصت ہوتے وقت اُس کو سلام کر لوں۔ اس میں ہرج ہی کیا ہے شاید میرے سلام کا ایک آدھ ذرہّ اسکے حافظے پر ہمیشہ کے لیے جم جائے‘‘

میں ٹھہر گیا اور کچھ دیر منتظر رہنے کے بعد میں نے سچ مچ اُس کو سلام کرنے کے لیے اپنا ہاتھ ماتھے کی طرف بڑھایا۔ مگر فوراً اس احمقانہ حرکت سے باخبر ہو کر ہاتھ کو یونہی ہوا میں ہلا دیا اور سیٹی بجاتے ہوئے قدم تیز کر دئیے۔ مئی کا گرم دن شام کی خنکی میں آہستہ آہستہ گھل رہا تھا۔ سامنے پہاڑیوں پر ہلکا سا دُھواں چھا گیا تھا، جیسے خوشی کے آنسو آنکھوں کے آگے ایک چادر سی تان دیتے ہیں۔ اس دھندلکے میں چیڑ کے درخت تحتِ شعور میں چھپے ہوئے خیالات معلوم ہوئے یہ ایک ہی قطار میں پھیلتے چلے گئے تھے۔ میرے پاس ہی ایک موٹا ساکو ا اپنے سیاہ اور چمکیلے پر پھیلائے سستا رہا تھا۔ ہوا کا ہر جھونکا میرے جسم کے ان حصوں کے ساتھ چھو کر جو کپڑوں سے آزاد تھے ایک ایسی محبت کا پیغام دے رہا تھا جس سے میرا دل اس سے قبل بالکل نا آشنا تھا۔ میں نے آسمان کی طرف نگاہیں اٹھائیں، اور مجھے ایسا محسوس ہُوا کہ وہ میری طرف حیرت سے دیکھ کریہ کہنا چاہتا ہے۔

’’سوچتے کیا ہو۔ جاؤ محبت کرو!‘‘

میں سڑک کے کنارے پتھروں کی دیوار پربیٹھ گیا اور اس۔ اُس کی طرف ڈرتے ڈرتے دیکھا کہ مبادا کوئی رہگزار سارا معاملہ تاڑ جائے۔ وہ اسی طرح سر جھکائے اپنی جگہ پربیٹھی تھی۔ اسے کھیل میں کیا لطف آتا ہے؟۔ وہ ابھی تھکی نہیں؟ کیا اُس نے واقعی دوبارہ میری طرف مڑ کر دیکھا؟ کیا وہ جانتی ہے کہ میں اس کی محبت میں گرفتار ہوں؟‘‘

۔ آخری سوال کس قدر مضحکہ خیز تھا۔ میں جھینپ گیا۔ لیکن۔ لیکن اس کے باوجود اُس کو دیکھنے سے خود کو باز نہ رکھ سکا۔ ایک مرتبہ جب میں نے اس کو دیکھنے کے لیے اپنی گردن موڑی تو کیا دیکھتا ہوں کہ اس کا منہ میری طرف ہے اور وہ مجھے دیکھ رہی ہے۔ میں مخمور ہو گیا۔ میرے اور اس کے درمیان گو فاصلہ کافی تھا مگر میری آنکھیں جن میں میرے دل کی بصارت بھی چلی آئی تھی، محسوس کررہی تھیں کہ وہ سپنوں کا گھونگٹ کاڑھے میری طرف دیکھ رہی ہے۔ میری طرف۔ میری طرف! میرے سینے سے بے اختیار آہ نکل گئی۔ عجیب بات ہے کہ سکھ اور چین کا ہاتھ بھی درد بھرے تاروں پر ہی پڑتا ہے۔ اس آہ میں کتنی راحت تھی۔ کتنا سکون تھا۔ اس لڑکی نے جو میرے سامنے جھونپڑے کی چھت پر بیٹی تھی۔ میرے شباب کے ہر رنگ کو شوخ کردیا تھا۔ میرے روئیں روئیں سے محبت پھوٹ رہی تھی۔ شعریت جو میرے سینے کے کسی نامعلوم کونے میں سوئی پڑی تھی، اب بیدار ہو چکی تھی۔ کہ دو شیزگی اور شعریت توام بہنیں ہیں؟ اگر اس وقت وہ مجھ سے ہمکلام ہوتی تو میں ایک لفظ تک اپنی زبان سے نہ نکالتا۔ خاموشی میری ترجمان ہوتی۔ میری گونگی زبان کتنی باتیں اس تک پہنچا دیتی۔ میں اس کو اپنی خاموشی میں لپیٹ لیتا۔ وہ ضرور متحیر ہوتی اور اس حالت میں بڑی پیاری معلوم ہوتی۔ اس خیال سے کہ راستے میں یوں بیکار کھڑے رہنا ٹھیک نہیں، میں دیوار پرسے اٹھا۔ میرے سامنے ٹیلے پر جانے کے لیے ایک پگڈنڈی تھی۔ اُوپر ٹیلے کے کسی پتھر پر بیٹھ کر میں اُسکو بخوبی دیکھ سکتا تھا۔ چنانچہ درختوں کی جڑوں اور جھاڑیوں کا سہارا لیکر میں نے اوپر چڑھنا شروع کیا۔ راستے میں دوتین بار میرا پاؤں پھسلا اور نوکیلے پتھروں پرگرتے گرتے بچا۔ ٹیلے پر جہاں پتھر نہیں تھا، کہیں کہیں زمین کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں آلو بوئے ہوئے تھے۔ اسی قسم کے ایک ننھے سے کھیت کو طے کرکے میں ایک پتھر پربیٹھ گیا اور ٹوپی اتار کر ایک طرف رکھ دی۔ میرے دائیں ہاتھ کو زمین کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا تھا جس میں گندم اُگ رہی تھی۔ چڑھائی کی وجہ سے میرا دم پُھول گیا مگر شام کی ٹھنڈی ہوا نے یہ تکان فوراً ہی دُور کر دی۔ اور میں جس کام کے لیے آیا تھا، اس میں مشغول ہو گیا۔ اب وہ جھونپڑے کی چھت پر کھڑی تھی اور خدا معلوم وہ کیسی کیسی انوکھی آوازیں نکال رہی تھی۔ میرا خیال ہے کہ وہ ان دونوں بکریوں کو سڑک پر چڑھنے سے روک رہی تھی، جو گھاس چرتی ہوئی آہستہ آہستہ اوپر کارخ کررہی تھیں۔ ہوا تیز تھی، گندم کے پکے ہُوئے خوشے خُر خُر کرتی ہُوئی بلی کی مونچھوں کی طرح تھرتھرارہے تھے۔ جھاڑیوں میں ہوا کی سیٹیاں شام کی خاموش فضا میں ارتعاش پیدا کررہی تھیں۔ مٹی کے ڈھیلوں کے ساتھ کھیلتا ہوا میں اس کی طرف بہت دیر تک دیکھتا رہا۔ وہ اب جھونپڑے پر بڑے عجیب انداز سے ٹہل رہی تھی۔ ایک مرتبہ اُس نے اپنے سر کو جنبش دی۔ تو میں سمجھا کہ وہ میری موجودگی سے باخبر۔ مجھے دیکھ رہی ہے۔ میری ہستی کے سارے دروازے کھل گئے۔ جانے کتنی دیرمیں وہاں بیٹھا رہا؟۔ ایکا ایکی بدلیاں گھر آئیں اور بارش شروع ہو گئی۔ میرے کپڑے بھیگ رہے تھے لیکن میں وہاں سے کیونکر جاسکتا تھا جبکہ وہ۔ وہیں چھت پر کھڑی تھی۔ اس خیال سے مجھے بڑی مسرت حاصل ہوئی کہ وہ صرف میری خاطر بارش میں بھیگ رہی ہے۔ یکا یک بارش تیز ہو گئی۔ وہ اٹھی اور میری طرف دیکھے بغیر۔ ہاں، میری طرف نگاہ اٹھائے بغیر چھت پر سے نیچے اُتری اور دوسرے جھونپڑے میں داخل ہو گئی۔ مجھے ایسا محسوس ہوا کہ بارش کی بوندیں میری ہڈیوں تک پہنچ گئی ہیں۔ پانی سے بچاؤ کرنے کے لیے میں نے ادھر ادھر نگاہیں دوڑائیں۔ مگر پتھر اور جھاڑیاں پناہ کا کام نہیں دے سکتی تھیں۔ ڈاک بنگلے تک پہنچتے پہنچتے میرے کپڑے اور خیالات سب بھیک گئے۔ جب وہاں سے سیرکو نکلا تھا تو ایک خشک آدمی تھا، راستے میں موسم نے شاعر بنا دیا۔ واپس آیا توبھیگا ہوا آدمی تھا۔ صرف بھیگا ہوا۔ بارش ساری شاعری بہا لے گئی تھی!

سعادت حسن منٹو

موذیل

ترلوچن نے پہلی مرتبہ۔ چار برسوں میں پہلی مرتبہ رات کو آسمان دیکھا تھا اور وہ بھی اس لیے کہ اس کی طبیعت سخت گھبرائی ہوئی تھی اور وہ محض کھلی ہوا میں کچھ دیر سوچنے کے لیے اڈوانی چیمبرزکے ٹیرس پر چلا آیا تھا۔ آسمان بالکل صاف تھا۔ بادلوں سے بے نیاز، بہت بڑے خاکستری تنبو کی طرح ساری بمبئی پر تنا ہوا تھا۔ حدِ نظر تک جگہ جگہ بتیاں روشن تھیں۔ ترلوچن نے ایسا محسوس کیا تھا کہ آسمان سے بہت سارے ستارے جھڑ کر بلڈنگوں سے جو رات کے اندھیرے میں بڑے بڑے درخت معلوم ہوتی تھیں، اٹک گئے ہیں اور جگنوؤں کی طرح ٹمٹما رہے ہیں ترلوچن کے لیے یہ بالکل ایک نیا تجربہ، ایک نئی کیفیت تھی۔ رات کو کھلے آسمان کے نیچے ہونا۔ اس نے محسوس کیا کہ وہ چار برس تک اپنے فلیٹ میں قید رہا اور قدرت کی ایک بہت بڑی نعمت سے محروم۔ قریب قریب تین بجے تھے۔ ہوا بے حد ہلکی پھلکی تھی۔ ترلوچن پنکھے کی مکانکی ہوا کا عادی تھا جو اس کے سارے وجود کو بوجھل کردیتی تھی۔ صبح اٹھ کر وہ ہمیشہ یوں محسوس کرتا تھا۔ رات بھر اس کو مارا پیٹا گیا ہے۔ پر اب صبح کی قدرتی ہوا میں اس کے جسم کا رواں رواں، تر و تازگی چوس کر خوش ہورہا تھا۔ جب وہ اوپر آیا تھا تو اس کا دل و دماغ سخت مضطرب اور ہیجان زدہ تھا۔ لیکن آدھے گھنٹے ہی میں وہ اضطراب اور ہیجان جو اس کو بہت تنگ کررہا تھا۔ کسی حد تک ٹھنڈا ہو گیا تھا وہ اب صاف طورپر سوچ سکتا تھا۔ کرپال کور اور اس کا سارا خاندان۔ محلے میں تھا۔ جو کٹڑ مسلمانوں کا مرکز تھا۔ یہاں کئی مکانوں کو آگ لگ چکی تھی کئی جانیں تلف ہو چکی تھیں۔ ترلوچن ان سب کو لے آیا ہوتا۔ مگر مصیبت یہ تھی کہ کرفیو نافذ ہو گیا تھا اور وہ بھی نہ جانے کتنے گھنٹوں کا۔ غالباً اڑتالیس گھنٹوں کا۔ اور ترلوچن لازماً مغلوب تھا آس پاس سب مسلمان تھے، بڑے خوفناک قسم کے مسلمان۔ اور پنجاب سے دھڑا دھڑ خبریں آرہی تھیں کہ وہاں سکھ مسلمانوں پر بہت ظلم ڈھا رہے ہیں۔ کوئی بھی ہاتھ۔ مسلمان ہاتھ بڑی آسانی سے نرم و نازک کرپال کور کی کلائی پکڑ کر موت کے کنوئیں کی طرف لے جاسکتا تھا۔ کرپال کی ماں اندھی تھی۔ باپ مفلوج۔ بھائی تھا، وہ کچھ عرصے سے دیو لالی میں تھا کہ اسے وہاں اپنے تازہ تازہ لیے ہوئے ٹھیکے کی دیکھ بھال کرنا تھی۔ ترلوچن کو کرپال کے بھائی نرنجن پر بہت غصہ آتا تھا۔ اس نے جو کہ ہر روز اخبار پڑھتا تھا، فسادات کی تیزی و تندی کے متعلق ہفتہ بھر پہلے آگاہ کردیا تھا اور صاف لفظوں میں کہہ دیا تھا۔ نرنجن، یہ ٹھیکے ویکے ابھی رہنے دو۔ ہم ایک بہت ہی نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ تمہارا اگرچہ رہنا بہت ضروری ہے۔ اول تو یہاں سے اٹھ جاؤ، اور میرے یہاں چلے آؤ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جگہ کم ہے لیکن مصیبت کے دنوں میں آدمی کسی نہ کسی طرح گزارا کرلیا کرتا ہے۔ مگر وہ نہ مانا۔ اس کا اتنا بڑا لیکچر سن کر صرف اپنی گھنی مونچھوں میں مسکرادیا۔

’’تم خواہ مخواہ فکر کرتے ہو۔ میں نے یہاں ایسے کئی فساد دیکھے ہیں۔ یہ امرتسر یا لاہور نہیں بمبئے ہے۔ بمبئے۔ تمہیں یہاں آئے صرف چار برس ہوئے ہیں اور میں بارہ برس سے یہاں رہ رہا ہوں۔ بارہ برس سے۔ ‘‘

جانے نرنجن بمبئی کو کیا سمجھتا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ یہ ایسا شہر ہے۔ اگر فساد برپا بھی ہوں تو ان کا اثر خود زائل ہو جاتا ہے۔ جیسے اس کے پاس چھومنتر ہے۔ یا وہ کہانیوں کا کوئی ایسا قلعہ ہے جس پر کوئی آفت نہیں آسکتی۔ مگر ترلوچن صبح کی ٹھنڈی ہوا میں صاف دیکھ رہا تھا کہ۔ محلہ بالکل محفوظ نہیں۔ وہ تو صبح کے ا خباروں میں یہ بھی پڑھنے کے لیے تیار تھا کہ کرپال کور اور اس کے ماں باپ قتل ہوچکے ہیں۔ اس کو کرپال کور کے مفلوج باپ اور اس کی اندھی ماں کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ وہ مر جاتے اور کرپال کور بچ جاتی تو ترلوچن کے لیے اچھا تھا۔ وہاں دیولالی میں اس کا بھائی نرنجن بھی مارا جاتا تو وہ بھی اچھا تھا کہ ترلوچن کے لیے میدان صاف ہو جاتا۔ خاص طور پر نرنجن اس کے راستے میں ایک روڑا ہی نہیں، بہت بڑا کھنگر تھا۔ چنانچہ جب کبھی کرپال کور سے اس کی بات ہوتی تووہ اسے نرنجن سنگھ کے بجائے کھنگر سنگھ کہتا۔ صبح کی ہوا دھیرے دھیرے بہہ رہی تھی۔ ترلوچن کا کیسوں سے بے نیاز سر بڑی خوشگوار ٹھنڈک محسوس کررہا تھا۔ مگر اس کے اندر بے شمار اندیشے ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا رہے تھے۔ کرپال کور نئی نئی اس کی زندگی میں داخل ہوئی تھی۔ وہ یوں تو ہٹے کٹے کنگھر سنگھ کی بہن تھی، مگر بہت ہی نرم و نازک لچکیلی تھی۔ اس نے دیہات میں پرورش پائی تھی۔ وہاں کی کئی گرمیاں سردیاں دیکھی تھیں مگر اس میں وہ سختی، وہ گٹھاؤ، وہ مردانہ پن نہیں تھا جو دیہات کی عام سِکھ لڑکیوں میں ہوتا ہے جنھیں کڑی سے کڑی مشقت کرنی پڑتی ہے۔ اس کے نقش پتلے پتلے تھے، جیسے ابھی نامکمل ہیں۔ چھوٹی چھوٹی چھاتیاں تھیں جن پر بالائیوں کی چند اور تہیں چڑھنے کی ضرورت تھی۔ عام سکھ دیہاتی لڑکیوں کے مقابلے میں اس کا رنگ گورا تھا مگر کورے لٹھے کی طرح، اور بدن چکنا تھا جس طرح مرسی رائزڈ کپڑے کی سطح ہوتی ہے۔ بے حد شرمیلی تھی۔ ترلوچن اسی کے گاؤں کا تھا۔ مگر زیادہ دیر وہاں رہا نہیں تھا۔ پرائمری سے نکل کر جب وہ شہر کے ہائی اسکول میں گیا تو بس پھروہیں کا ہو کے رہ گیا۔ اسکول سے فارغ ہوا تو کالج کی تعلیم شروع ہو گئی۔ اس دوران میں وہ کئی مرتبہ۔ لاتعداد مرتبہ اپنے گاؤں گیا، مگر اس نے کرپال کور کے نام کی کسی لڑکی کا نام تک نہ سنا، شاید اس لیے کہ وہ ہر بار اس افراتفری میں رہتا تھا کہ جلد از جلد واپس شہر پہنچے۔ کالج کا زمانہ بہت پیچھے رہ گیا تھا۔ اڈوانی چیمبرز کے ٹیریس اور کالج کی عمارت میں غالباً دس برس کا فاصلہ تھا اور یہ فاصلہ ترلوچن کی زندگی کے عجیب و غریب واقعات سے پُر تھا۔ برما۔ سنگاپور۔ ہانگ کانگ۔ پھر بمبئی جہاں وہ چار برس سے مقیم تھا۔ ان چار برسوں میں اس نے پہلی مرتبہ رات کو آسمان کی شکل دیکھی تھی۔ جو بُری نہیں تھی۔ خاکستری رنگ کے تنبو کی چھت میں ہزار ہا دیے روشن تھے اور ہوا ٹھنڈی اور ہلکی پھلکی تھی۔ کرپال کور کا سوچتے سوچتے وہ موذیل کے متعلق سوچنے لگا۔ اس یہودی لڑکی کے بارے میں جو اڈوانی چیمبرز میں رہتی تھی۔ اس سے ترلوچن کو، گوڈے گوڈے عشق ہو گیا تھا۔ ایسا عشق جو اس نے اپنی پینتیس برس کی زندگی میں کبھی نہیں کیا تھا۔ جس دن اس نے اڈوانی چیمبرز میں اپنے ایک عیسائی دوست کی معرفت دوسرے اے پر فلیٹ لیا، اسی دن اس کی مڈبھیڑ موذیل سے ہوئی جو پہلی نظر دیکھنے پر اسے خوفناک طور پر دیوانی معلوم ہوئی تھی۔ کٹے ہوئے بھورے بال اس کے سر پر پریشان تھے۔ بے حد پریشان۔ ہونٹوں پر لپ اسٹک یوں جمی تھی جیسے گاڑھا خون اور وہ بھی جگہ جگہ سے چٹخی ہوئی تھی۔ ڈھیلا ڈھالا لباس سفید چغہ پہنے تھے۔ جس کے کھلے گریبان سے اس کی نیل پڑی بڑی بڑی چھاتیاں تین چوتھائی کے قریب نظر آرہی تھیں۔ بانھیں جو کہ ننگی تھیں مہین مہین بالوں سے اٹی ہوئی تھیں جیسے وہ ابھی ابھی کسی سیلون سے بال کٹوا کے آئی ہے اور ان کی ننھی ننھی ہوائیاں ان پر جم گئی ہیں۔ ہونٹ اتنے موٹے نہیں تھے مگر گہرے عنابی رنگ کی لپ اسٹک کچھ اس انداز سے لگائی تھی کہ وہ موٹے اور بھینسے کے گوشت کے ٹکڑے معلوم ہوتے تھے۔ ترلوچن کا فلیٹ اس کے فلیٹ کے بالکل سامنے تھا۔ بیچ میں ایک تنگ گلی تھی۔ بہت ہی تنگ۔ جب ترلوچن اپنے فلیٹ میں داخل ہونے کے لیے آگے بڑھا تو موذیل باہر نکلی۔ کھڑاؤں پہنے تھی۔ ترلوچن ان کی آواز سن کر رک گیا۔ موذیل نے اپنے پریشان بالوں کی چقوں میں سے بڑی بڑی آنکھوں سے ترلوچن کی طرف دیکھا اور ہنسی۔ ترلوچن بوکھلا گیا۔ جیب سے چابی نکال کر وہ جلدی سے دروازے کی جانب بڑھا۔ موذیل کی ایک کھڑاؤں سیمنٹ کے چکنے فرش پر پھسلی اور اس کے اوپر آرہی۔ جب ترلوچن سنبھلا تو موذیل اس کے اوپر تھی، کچھ اس طرح کہ اس کا لمبا چُغہ اوپر چڑھ گیا تھا اور اس کی دو ننگی۔ بڑی تگڑی ٹانگیں اس کے ادھر ادھر تھیں اور۔ جب ترلوچن نے اٹھنے کی کوشش کی تو وہ بوکھلاہٹ میں کچھ اس طرح موذیل۔ ساری موذیل سے الجھا جیسے وہ صابن کی طرح اس کے سارے بدن پر پھر گیا ہے۔ ترلوچن نے ہانپتے ہوئے مناسب و موزوں الفاظ میں سے اس معافی مانگی۔ موذیل نے اپنا لبادہ ٹھیک کیا اور مسکرا دی۔

’’یہ کھڑاؤں ایک دم کنڈم چیز ہے۔ ‘‘

اور وہ اتری ہوئی کھڑاؤں میں اپنا انگوٹھا اور اس کی ساتھ والی انگلی پھنساتی کوڑی ڈور سے باہر چلی گئی۔ ترلوچن کا خیال تھا کہ موذیل سے دوستی پیدا کرنا شاید مشکل ہو۔ لیکن وہ بہت ہی تھوڑے عرصے میں اس سے گھل مل گئی۔ لیکن ایک بات تھی کہ وہ بہت خود سر تھی۔ وہ ترلوچن کو کبھی خاطر میں نہیں لاتی تھی۔ اس سے کھاتی تھی۔ اس سے پیتی تھی۔ اس کے ساتھ سینما جاتی تھی۔ سارا سارا دن اس کے ساتھ جوہو پر نہاتی تھی۔ لیکن جب وہ بانھوں اور ہونٹوں سے کچھ اور آگے بڑھنا چاہتا تو وہ اسے ڈانٹ دیتی۔ کچھ اس طور پر اسے گُھرکتی کہ اس کے سارے ولولے اس کی داڑھی اور مونچھوں میں چکر کاٹتے رہ جاتے۔ ترلوچن کو پہلے کسی کے ساتھ محبت نہیں ہوتی تھی۔ لاہور میں، برما میں، سنگاپور میں وہ لڑکیاں کچھ عرصے کے لیے خرید لیا کرتا تھا۔ اس کے وہم و گمان میں بھی یہ بات نہیں تھی کہ بمبئی پہنچتے ہی وہ ایک نہایت الھڑ قسم کی یہودی لڑکی کے عشق میں

’’گوڈے گوڈے‘‘

دھنس جائے گا۔ وہ اس سے کچھ عجیب قسم کی بے اعتنائی اور بے التفاتی برتتی تھی۔ اس کے کہنے پر فوراً سج بن کر سینما جانے پر تیار ہو جاتی تھی۔ مگر جب وہ اپنی سیٹ پر بیٹھتے تو ادھر ادھر نگاہیں دوڑانا شروع کردیتی۔ کوئی اس کا شناسا نکل آتا تو زور سے ہاتھ ہلاتی اور ترلوچن سے اجازت لیے بغیر اس کے پہلو میں جا بیٹھتی۔ ہوٹل میں بیٹھے ہیں۔ ترلوچن نے خاص طور پر موذیل کے لیے پرتکلف کھانے منگوائے ہیں، مگراس کو کوئی اپنا پرانا دوست نظر آگیا ہے اور وہ نوالہ چھوڑ کر اس کے پاس جا بیٹھی ہے اور ترلوچن کے سینے پر مونگ دل رہی ہے۔ ترلوچن بعض اوقات بھنا جاتا تھا، کیونکہ وہ اسے قطعی طور پر چھوڑ کر اپنے ان پرانے دوستوں اور شناساؤں کے ساتھ چلی جاتی تھی اور کئی کئی دن اس سے ملاقات نہ کرتی تھی۔ کبھی سر درد کا بہانہ، کبھی پیٹ کی خرابی کا جس کے متعلق ترلوچن کو اچھی طرح معلوم تھا کہ فولاد کی طرح سخت ہے اور کبھی خراب نہیں ہوسکتا۔ جب اس سے ملاقات ہوتی تو وہ اس سے کہتی۔

’’تم سکھ ہو۔ یہ نازک باتیں تمہاری سمجھ میں نہیں آسکتیں۔ ‘‘

ترلوچن جل بھن جاتا اور پوچھتا۔

’’کون سی نازک باتیں۔ تمہارے پرانے یاروں کی؟‘‘

موذیل دونوں ہاتھ اپنے چوڑے چکلے کولہوں پر لٹکا کر اپنی تگڑی ٹانگیں چوڑی کردیتی اور کہتی۔

’’یہ تم مجھے ان کے طعنے کیا دیتے ہو۔ ہاں وہ میرے یار ہیں۔ اور مجھے اچھے لگتے ہیں۔ تم جلتے ہو تو جلتے رہو۔ ‘‘

ترلوچن بڑے وکیلانہ انداز میں پوچھتا۔

’’اس طرح تمہاری میری کس طرح نبھے گی‘‘

موذیل زور کا قہقہہ لگاتی۔

’’تم سچ مچ سِکھ ہو۔ ایڈیٹ، تم سے کس نے کہا ہے کہ میرے ساتھ نبھاؤ۔ اگر نبھانے کی بات ہے تو جاؤ اپنے وطن میں کسی سکھنی سے شادی کرلو۔ میرے ساتھ تو اسی طرح چلے گا۔ ‘‘

ترلوچن نرم ہو جاتا۔ دراصل موذیل اس کی زبردست کمزوری بن گئی تھی۔ وہ ہر حالت میں اس کی قربت کا خواہش مند تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ موذیل کی وجہ سے اس کی اکثر توہین ہوتی تھی۔ معمولی معمولی کرسٹان لونڈوں کے سامنے جن کی کوئی حقیقت ہی نہیں تھی، اسے خفیف ہونا پڑتا تھا۔ مگر دل سے مجبور ہو کر اس نے یہ سب کچھ برداشت کرنے کا تہیہ کرلیا تھا۔ عام طور پر توہین اور ہتک کا رد عمل انتقام ہوتا ہے مگر ترلوچن کے معاملے میں ایسا نہیں تھا۔ اس نے اپنے دل و دماغ کی بہت سی آنکھیں میچ لی تھیں اور کئی کانوں میں روئی ٹھونس لی تھی۔ ا س کو موذیل پسند تھی۔ پسند ہی نہیں جیسا کہ وہ اکثر اپنے دوستوں سے کہا کرتا تھا۔

’’گوڈے گوڈے‘‘

اس کے عشق میں دھنس گیا تھا۔ اب اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا اس کے جسم کا جتنا حصہ باقی رہ گیا ہے۔ وہ بھی اس عشق کی دلدل میں چلا جائے اور قصہ ختم ہو۔ دو برس تک وہ اسی طرح خوار ہوتا رہا۔ لیکن ثابت قدم رہا۔ آخر ایک روز جب کہ موذیل موج میں تھی۔ اپنے بازوؤں میں سمیٹ کر پوچھا۔

’’موذیل۔ کیا تم مجھ سے محبت نہیں کرتی ہو۔ ‘‘

موذیل اس کے بازوؤں سے جدا ہو گئی اور کرسی پر بیٹھ کر اپنے فراک کا گھیرا دیکھنے لگی۔ پھر اس نے اپنی موٹی موٹی یہودی آنکھیں اٹھائیں اور گھنی پلکیں جھپکا کر کہا۔

’’میں سکھ سے محبت نہیں کرسکتی۔ ‘‘

ترلوچن نے ایسا محسوس کیا کہ پگڑی کے نیچے اس کے کیسوں میں کسی نے دہکتی ہوئی چنگاریاں رکھ دی ہیں۔ اس کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔

’’موذیل! تم ہمیشہ میرا مذاق اڑاتی ہو۔ یہ میرا مذاق نہیں، میری محبت کا مذاق ہے۔ ‘‘

موذیل اٹھی اور اس نے اپنے بھورے ترشے ہوئے بالوں کو ایک دلفریب جھٹکا دیا۔

’’تم شیوا کرالو اور اپنے سر کے بال کھلے چھوڑ دو۔ تو میں شرط لگاتی ہوں کئی لونڈے تمہیں آنکھ ماریں گے۔ تم خوبصورت ہو۔ ‘‘

ترلوچن کے کیسوں میں مزید چنگاریاں پڑ گئیں۔ اس نے آگے بڑھ کر زور سے موذیل کو اپنی طرف گھسیٹا اور اس کے عنابی ہونٹوں میں اپنے مونچھوں بھرے ہونٹ پیوست کردیے۔ موذیل نے ایک دم

’’پھوں پھوں‘‘

کی اور اس کی گرفت سے علیحدہ ہو گئی۔

’’میں صبح اپنے دانتوں پر برش کر چکی ہوں۔ تم تکلیف نہ کرو۔ ‘‘

ترلوچن چلایا۔

’’موذیل۔ ‘‘

موذیل وینٹی بیگ سے ننھا سا آئینہ نکال کر اپنے ہونٹ دیکھنے لگی جس پر لگی ہوئی گاڑھی لپ اسٹک پر خراشیں آگئی تھیں۔

’’خدا کی قسم۔ تم اپنی داڑھی اور مونچھوں کا صحیح استعمال نہیں کرتے۔ ان کے بال ایسے اچھے ہیں کہ میرا نیوی بلوسکرٹ بہت اچھی طرح صاف کرسکتے ہیں۔ بس تھوڑا سا پٹرول لگانے کی ضرورت ہو گی۔ ‘‘

ترلوچن غصے کی اس انتہا تک پہنچ چکا تھا۔ جہاں وہ بالکل ٹھنڈا ہو گیا تھا۔ آرام سے صوفے پر بیٹھ گیا۔ موذیل بھی آگئی اور اس نے ترلوچن کی داڑھی کھولنی شروع کردی۔ اس میں جو پنیں لگی تھیں۔ وہ اس نے ایک ایک کرکے اپنے دانتوں تلے دبا لیں۔ ترلوچن خوبصورت تھا۔ جب اس کے داڑھی مونچھ نہیں اگی تھی تو واقعی لوگ اس کو کھلے کیسوں کے ساتھ دیکھ کر دھوکا کھا جاتے تھے کہ وہ کوئی کم عمر خوبصورت لڑکی ہے۔ مگر بالوں کے اس انبار نے اب اس کے تمام خدوخال جھاڑیوں کے مانند اندر چھپا لیے تھے۔ اس کو اس کا احساس تھا۔ مگر وہ ایک اطاعت شعار اورفرماں بردار لڑکا تھا۔ اس کے دل میں مذہب کا احترام تھا۔ وہ نہیں چاہتا تھا کہ ان چیزوں کو اپنے وجود سے الگ کردے جن سے اس کے مذہب کی ظاہری تکمیل ہوتی تھی۔ جب داڑھی پوری کھل گئی اور اس کے سینے پر لٹکنے لگی تو اس نے موذیل سے پوچھا۔

’’یہ تم کیا کررہی ہو؟‘‘

دانتوں میں پنیں دبائے وہ مسکرائی۔

’’تمہارے بال بہت ملائم ہیں۔ میرا اندازہ غلط تھا کہ ان سے میرا نیوی بلوسکرٹ صاف ہوسکے گا۔ ترلوچن۔ تم یہ مجھے دے دو۔ میں انھیں گوندھ کر اپنے لیے ایک فسٹ کلاس بٹوا بناؤں گی۔ ‘‘

اب ترلوچن کی داڑھی میں چنگاریاں بھڑکنے لگی۔ وہ بڑی سنجیدگی سے موذیل سے مخاطب ہوا۔

’’میں نے آج تک تمہارے مذہب کا مذاق نہیں اڑایا۔ تم کیوں اڑاتی ہو۔ دیکھو کسی کے مذہبی جذبات سے کھیلنا اچھا نہیں ہوتا۔ میں یہ کبھی برداشت نہ کرتا۔ مگر صرف اس لیے کرتا رہا ہوں کہ مجھے تم سے بے پناہ محبت ہے۔ کیا تمہیں اس کا پتہ نہیں۔ ‘‘

موذیل نے ترلوچن کی داڑھی سے کھیلنا بند کردیا۔

’’مجھے معلوم ہے۔ ‘‘

’’پھر۔ ‘‘

ترلوچن نے اپنی داڑھی کے بال بڑی صفائی سے تہ کیے اور موذیل کے دانتوں سے پنیں نکال لیں۔

’’تم اچھی طرح جانتی ہو کہ میری محبت بکواس نہیں۔ میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘

’’مجھے معلوم ہے۔ ‘‘

بالوں کو ایک خفیف سا جھٹکا دے کر وہ اٹھی اور دیوار سے لٹکی ہوئی تصویر کی طرف دیکھنے لگی۔

’’میں بھی قریب قریب یہی فیصلہ کر چکی ہوں کہ تم سے شادی کروں گی۔ ‘‘

ترلوچن اچھل پڑا۔

’’سچ‘‘

موذیل کے عنابی ہونٹ بڑی موٹی مسکراہٹ کے ساتھ کھلے اور اس کے سفید مضبوط دانت ایک لحظے کے لیے چمکے۔

’’ہاں!‘‘

ترلوچن نے اپنی نصف لپٹی ہوئی داڑھی ہی سے اس کو اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا۔

’’تو۔ تو کب؟‘‘

موذیل الگ ہٹ گئی۔

’’جب۔ تم اپنے یہ بال کٹوا دو گے!‘‘

ترلوچن اس وقت’جو ہو سو ہو‘ بنا تھا۔ اس نے کچھ نہ سوچا اور کہہ دیا۔

’’میں کل ہی کٹوا دوں گا۔ ‘‘

موذیل فرش پر ٹیپ ڈانس کرنے لگی۔

’’تم بکواس کرتے ہوئے ترلوچن۔ تم میں اتنی ہمت نہیں ہے۔ ‘‘

اس نے ترلوچن کے دل و دماغ سے مذہب کے رہے سہے خیال کو نکال باہر پھینکا۔

’’تم دیکھ لوگی۔ ‘‘

’’دیکھ لوں گی۔ ‘‘

اور وہ تیزی سے آگے بڑھی۔ ترلوچن کی مونچھوں کو چوما اور

’’پھوں پھوں‘‘

کرتی باہر نکل گئی۔ ترلوچن نے رات بھر کیا سوچا۔ وہ کن کن اذیتوں سے گزرا، اس کا تذکرہ فضول ہے، اس لیے کہ دوسرے روز اس نے فورٹ میں اپنے کیس کٹوا دیے اور داڑھی بھی منڈوادی۔ یہ سب کچھ ہوتا رہا اور وہ آنکھیں میچے رہا۔ جب سارا معاملہ صاف ہو گیا تو اس نے آنکھیں کھولیں اور دیر تک اپنی شکل آئینے میں دیکھتا رہاجس پر بمبئی کی حسین سے حسین لڑکی بھی کچھ دیر کے لیے غور کرنے پر مجبور ہوجاتی۔ ترلوچن وہی عجیب و غریب ٹھنڈک محسوس کرنے لگا تھا جو سیلون سے باہر نکل کر اس کو لگی تھی۔ اس نے ٹیریس پر تیز تیز چلنا شروع کردیا۔ جہاں ٹینکوں اور نلوں کا ایک ہجوم تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ اس داستان کا بقایا حصہ اس کے دماغ میں نہ آئے۔ مگر وہ آئے بن نہ رہا۔ بال کٹوا کر وہ پہلے دن گھر سے باہر نہیں نکلا تھا۔ اس نے اپنے نوکر کے ہاتھ دوسرے روز چٹ موذیل کو بھیجی کہ اس کی طبیعت ناساز ہے، تھوڑی دیر کے لیے آجائے۔ موذیل آئی۔ ترلوچن کو بالوں کے بغیر کے دیکھ کر پہلے وہ ایک لحظے کے لیے ٹھٹکی۔ پھر

’’مائی ڈارلنگ ترلوچن‘‘

کہہ کر اس کے ساتھ لپٹ گئی اور اس کا سارا چہرہ عنابی کردیا۔ اس نے ترلوچن کے صاف اور ملائم گالوں پر ہاتھ پھیرا۔ اس کے چھوٹے انگریزی وضع کے کٹے ہوئے بالوں میں اپنی کنگھی کی اور عربی زبان میں نعرے مارتی رہی۔ اس نے اس قدر شور مچایا کہ اس کی ناک سے پانی بہنے لگا۔ موذیل نے جب اسے محسوس کیا تو اپنی سکرٹ کا گھیرا اٹھایا اور اسے پونچھنا شروع کردیا۔ ترلوچن شرما گیا۔ اس نے سکرٹ نیچی کی اور سرزنش کے طور پر اس سے کہا۔

’’نیچے کچھ پہن تو لیا کرو۔ ‘‘

موذیل پر اس کا کچھ اثر نہ ہوا۔ باسی اور جگہ جگہ سے اکھڑی ہوئی لپ اسٹک لگے ہونٹوں سے مسکرا کر اس نے صرف اتنا ہی کہا۔

’’مجھے بڑی گھبراہٹ ہوتی ہے۔ ایسے ہی چلتا ہے۔ ‘‘

ترلوچن کو وہ پہلا دن یاد آگیا۔ جب وہ اور موذیل دونوں ٹکرا گئے تھے اور آپس میں کچھ عجیب طرح گڈ مڈ ہو گئے تھے۔ مسکرا کر اس نے موذیل کو اپنے سینے کے ساتھ لگا۔

’’شادی کل ہو گی!‘‘

’’ضرور۔ ‘‘

موذیل نے ترلوچن کی ملائم ٹھوڑی پر اپنے ہاتھ کی پشت پھیری۔ طے یہ ہوا کہ شادی پونے میں ہو۔ چونکہ سول میرج تھی۔ اس لیے ان کو دس پندرہ دن کا نوٹس دینا تھا۔ عدالتی کارروائی تھی۔ اس لیے مناسب یہی خیال کیا گیا کہ پونہ بہتر ہے۔ پاس ہے اور ترلوچن کے وہاں کئی دوست بھی ہیں۔ دوسرے روز انھیں پروگرام کے مطابق پونہ روانہ ہو جانا تھا۔ موذیل، فورٹ کے ایک اسٹور میں سیلز گرل تھی۔ اس سے کچھ فاصلے پر ٹیکسی اسٹینڈ تھا۔ بس یہیں موذیل نے اس کو انتظار کرنے کے لیے کہا تھا۔ ترلوچن وقت مقررہ پر وہاں پہنچا۔ ڈیڑھ گھٹنہ انتظار کرتا رہا مگر وہ نہ آئی۔ دوسرے روز اسے معلوم ہوا کہ وہ اپنے ایک پرانے دوست کے ساتھ جس نے تازہ تازہ موٹر خریدی ہے، دیولالی چل گئی ہے اور ایک غیر معین عرصے کے لیے وہیں رہے گی۔ ترلوچن پرکیا گزری؟۔ یہ ایک بڑی لمبی کہانی ہے۔ قصہ مختصر یہ ہے کہ اس نے جی کڑا کیا اور اس کو بُھول گیا۔ اتنے میں اس کی ملاقات کرپال کور سے ہو گئی اور وہ اس سے محبت کرنے لگا اور تھوڑے ہی عرصے میں اس نے محسوس کیا کہ موذیل بہت واہیات لڑکی تھی جس کے دل کے ساتھ پتھر لگے ہوئے تھے اور جوچڑوں کے مانند ایک جگہ سے دوسری جگہ پھدکتا رہتا تھا۔ اس احساس سے اس کو ایک گونہ تسکین ہوئی تھی کہ وہ موذیل سے شادی کرنے کی غلطی نہ کر بیٹھا تھا۔ لیکن اس کے باوجود کبھی کبھی موذیل کی یاد ایک چٹکی کے مانند اس کے دل کو پکڑ لیتی تھی اور پھر چھوڑ کر کدکڑے لگاتی غائب ہو جاتی تھی۔ وہ بے حیا تھی۔ بے مروت تھی، اس کو کسی کے جذبات کا پاس نہیں تھا، پھر بھی وہ ترلوچن کو پسند تھی۔ اس لیے کبھی کبھی وہ اس کے متعلق سوچنے پر مجبور ہو جاتا تھا کہ وہ دیو لالی میں اتنے عرصے سے کیا کررہی ہے۔ اسی آدمی کے ساتھ ہے۔ جس نے نئی نئی کار خریدی تھی یا اسے چھوڑ کر کسی اور کے پاس چلی گئی ہے۔ اس کو اس خیال سے سخت کوفت ہوتی تھی کہ وہ اس کے سوا کسی اور کے پاس ہو گی۔ حالانکہ اس کو موذیل کے کردار کا بخوبی علم تھا۔ وہ اس پر سینکڑوں نہیں ہزاروں روپے خرچ کر چکا تھا، لیکن اپنی مرضی سے۔ ورنہ موذیل مہنگی نہیں تھی۔ اس کو بہت سستی قسم کی چیزیں پسند آتی تھیں۔ ایک مرتبہ ترلوچن نے اسے سونے کے ٹوپس دینے کا ارادہ کیا جو اسے بہت پسند تھے، مگر اسی دکان میں موذیل جھوٹے اور بھڑکیلے اور بہت سستے آویزوں پر مرمٹی اور سونے کے ٹوپس چھوڑ کر ترلوچن سے منتیں کرنے لگی کہ وہ انھیں خرید دے۔ ترلوچن اب تک نہ سمجھ سکا کہ موذیل کس قماش کی لڑکی ہے۔ کس آب و گل سے بنی ہے۔ وہ گھنٹوں اس کے ساتھ لیٹی رہتی تھی۔ اس کو چومنے کی اجازت دیتی تھی۔ وہ سارا کا سارا صابن کی مانند اس کے جسم پر پھر جاتا تھا۔ مگر وہ اس کو اس سے آگے ایک انچ بڑھنے نہیں دیتی تھی۔ اس کو چڑانے کی خاطر اتنا کہہ دیتی تھی۔

’’تم سکھ ہو۔ مجھے تم سے نفرت ہے!‘‘

۔ ترلوچن اچھی طرح محسوس کرتا تھا کہ موذیل کو اس سے نفرت نہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو وہ اس سے کبھی نہ ملتی۔ برداشت کا مادہ اس میں رتی بھر بھی نہیں تھا۔ وہ کبھی دو برس تک اس کی صحبت میں نہ گزارتی۔ دوٹوک فیصلہ کردیتی۔ انڈر ویئر اس کو ناپسند تھے۔ اس لیے کہ ان سے اس کو الجھن ہوتی تھی۔ ترلوچن نے کئی بار اس کو ان کی اشد ضرورت سے آگاہ کیا۔ اس کو شرم و حیا کا واسطہ دیا، مگر اس نے یہ چیز کبھی نہ پہنی۔ ترلوچن جب اس سے حیا کی بات کرتا تھا وہ چڑ جاتی تھی۔

’’یہ حیا ویا کیا بکواس ہے۔ اگر تمہیں اس کا کچھ خیال ہے تو آنکھیں بند کرلیا کرو۔ تم مجھے یہ بتاؤ کون سا لباس ہے جس میں آدمی ننگا نہیں ہوسکتا۔ یا جس میں سے تمہاری نگاہیں پار نہیں ہوسکتیں۔ مجھ سے ایسی بکواس نہ کیا کرو۔ تم سکھ ہو۔ مجھے معلوم ہے کہ تم پتلون کے نیچے ایک سلکی سا انڈر ویئر پہنتے ہو جو نیکر سے ملتا جلتا ہے۔ یہ بھی تمہاری داڑھی اور سر کے بالوں کی طرح مذہب میں شامل ہے۔ شرم آنی چاہیے تمہیں۔ اتنے بڑے ہو گئے ہو اور ابھی تک یہی سمجھتے ہو کہ تمہارا مذہب انڈر ویئر میں چھپا بیٹھا ہے!‘‘

ترلوچن کو شروع شروع میں ایسی باتیں سن کر غصہ آیا تھا۔ مگر بعد میں غور و فکر کرنے پر وہ کبھی کبھی لڑھک جاتا تھا اور سوچتا تھا کہ موذیل کی باتیں شاید نادرست نہیں اور جب اس نے اپنے کیسوں اور داڑھی کا صفایا کرادیا تو اسے قطعی طور پر ایسا محسوس ہوا کہ وہ بیکار اتنے دن بالوں کا اتنا بوجھ اٹھائے اٹھائے پھرا جس کا کچھ مطلب ہی نہیں تھا۔ پانی کی ٹینکی کے پاس پہنچ کر ترلوچن رک گیا۔ موذیل کو ایک بڑی موٹی گالی دے کر اس نے اس کے متعلق سوچنا بند کردیا۔ کرپا کور۔ ایک پاکیزہ لڑکی۔ جس سے اس کو محبت ہوئی تھی۔ خطرے میں تھی، وہ ایسے محلے میں تھی جس میں کٹر قسم کے مسلمان رہتے تھے اور وہاں دو تین واردات بھی ہو چکی تھیں۔ لیکن مصیبت یہ تھی کہ اس محلے میں اڑتالیس گھنٹے کا کرفیو تھا۔ مگر کرفیو کی کون پروا کرتا ہے۔ اس چالی کے مسلمان ہی اگر چاہتے تو اندر ہی اندر کرپال کور، اس کی ماں اور اس کے باپ کا بڑی آسانی کے ساتھ صفایا کرسکتے تھے۔ ترلوچن سوچتا سوچتا پانی کے موٹے نل پر بیٹھ گیا۔ اس کے سر کے بال اب کافی لمبے ہو گئے تھے۔ اس کو یقین تھا کہ ایک برس کے اندر اندر یہ پورے کیسوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔ اس داڑھی تیزی سے بڑھی تھی۔ مگر وہ اسے بڑھانا نہیں چ اہتا تھا۔ فورٹ میں ایک باربر تھا وہ اس صفائی سے اسے تراشتا تھا کہ ترشی ہوئی دکھائی نہیں دیتی تھی۔ اس نے اپنے لمبے اور ملائم بالوں میں انگلیاں پھیریں اور ایک سرد آہ بھری۔ اٹھنے کا ارادہ ہی کررہا تھا کہ اسے کھڑاؤں کی کرخت آواز سنائی دی، اس نے سوچا کون ہوسکتا ہے؟۔ بلڈنگ میں کئی یہودی عورتیں تھیں جو سب کی سب گھر میں کھڑاؤں پہنتی تھیں۔ آواز قریب آتی گئی۔ یکلخت اس نے دوسری ٹیکنی کے پاس موذیل کو دیکھا، جو یہودیوں کی خاص قطع کا ڈھیلا ڈھالا لمبا کرتا پہنے بڑے زور کی انگڑائی لے رہی تھی۔ اس زور کی کہ ترلوچن کو محسوس ہوا اس کے آس پاس کی ہوا چٹخ جائے گی۔ ترلوچن، پانی کے نل پر سے اٹھا۔ اس نے سوچا۔

’’یہ ایکا ایکی کہاں سے نمودا ہو گئی۔ اور اس وقت ٹیرس پر کیا کرنے آئی ہے؟‘‘

۔ موذیل نے ایک اور انگڑائی لی۔ اب ترلوچن کی ہڈیاں چٹخنے لگیں۔ ڈھیلے ڈھالے کرتے میں اس کی مضبوط چھاتیاں دھڑکیں۔ ترلوچن کی آنکھوں کے سامنے کئی گول گول اور چپٹے چپٹے نیل ابھر آئے۔ وہ زور سے کھانسا موذیل نے پلٹ کر اس کی طرف دیکھا۔ اس کا رد عمل بالکل خفیف تھا۔ کھڑاؤں گھسٹتی وہ اس کے پاس آئی اور اس کی ننھی منی داڑھی دیکھنے لگی۔

’’تم پھر سکھ بن گئے ترلوچن؟‘‘

داڑھی کے بال ترلوچن کو چبھنے لگے۔ موذیل نے آگے بڑھ کر اس کی ٹھوڑی کے ساتھ اپنے ہاتھ کی پشت رگڑی اور مسکرا کر کہا۔

’’اب یہ برش اس قابل ہے کہ میری نیو بلوسکرٹ صاف کرسکے۔ مگر وہ تو وہیں دیو لالی میں رہ گئی ہے۔ ‘‘

ترلوچن خاموش رہا۔ موذیل نے اس کے بازو کی چٹکی لی۔

’’بولتے کیوں نہیں سردار صاحب؟‘‘

ترلوچن اپنی پچھلی بیوقوفیوں کا اعادہ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ تاہم اس نے صبح کے ملگجے اندھیرے میں موذیل کے چہرے کو غور سے دیکھا۔ کوئی خاص تبدیلی واقع نہیں ہوئی تھی۔ ایک صرف وہ پہلے سے کچھ کمزور نظر آتی تھی۔ ترلوچن نے اس سے پوچھا۔

’’بیمار رہی ہو؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

موذیل نے اپنے ترشے ہوئے بالوں کو ایک خفیف سا جھٹکا دیا۔

’’پہلے سے کمزور دکھائی دیتی ہو؟‘‘

’’میں ڈائٹنگ کررہی ہوں۔ ‘‘

موذیل پانی کے موٹے نل پر بیٹھ گئی اور کھڑاؤں فرش کے ساتھ بجانے لگی۔

’’تم گویا کہ۔ اب پھر۔ نئے سرے سے سکھ بن رہے ہو۔ ‘‘

ترلوچن نے کسی قدر ڈھٹائی کے ساتھ کہا۔

’’ہاں!‘‘

’’مبارک ہو۔ ‘‘

موذیل نے ایک کھڑاؤں پیر سے اتار لی اور پانی کے نل پر بجانے لگی۔

’’کسی اور لڑکی سے محبت کرنی شروع کی؟‘‘

ترلوچن نے آہستہ سے کہا۔

’’ہاں!‘‘

’’مبارک ہو۔ اسی بلڈنگ کی ہے کوئی؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

’’یہ بہت بری بات ہے۔ ‘‘

موذیل کھڑاؤں اپنی انگلیوں میں اڑس کر اٹھی۔

’’ہمیشہ آدمی کو اپنے ہمسایوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ ‘‘

ترلوچن خاموش رہا۔ موذیل نے اٹھ کر اس کی د اڑھی کو اپنی پانچوں انگلیوں سے چھیڑا۔

’’کیا اسی لڑکی نے تمہیں یہ بال بڑھانے کا مشورہ دیا ہے؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

ترلوچن بڑی الجھن محسوس کررہا تھا جیسے کنگھا کرتے کرتے اس کی داڑھی کے بال آپس میں الجھ گئے ہیں۔ جب اس نے

’’نہیں‘‘

کہا تو اس کے لہجے میں تیکھا پن تھا۔ موذیل کے ہونٹوں پر لپ اسٹک باسی گوشت کی طرح معلوم ہوتی تھی۔ وہ مسکرائی تو ترلوچن نے ایسا محسوس کیا کہ اس کے گاؤں میں جھٹکے کی دکان پر قصائی نے چھری سے موٹی رگ کے گوشت کے دو ٹکڑے کردیے ہیں۔ مسکرانے کے بعد وہ ہنسی۔

’’تم اب یہ داڑھی منڈا ڈالو تو کسی کی بھی قسم لے لو، میں تم سے شادی کرلوں گی۔ ‘‘

ترلوچن کے جی میں آئی کہ اس سے کہے کہ وہ ایک بڑی شریف، با عصمت اور پاک طینت کنواری لڑکی سے محبت کررہا ہے اور اسی سے شادی کرے گا۔ موذیل اس کے مقابلے میں فاحشہ ہے۔ بدصورت ہے۔ بے وفا ہے۔ بے مروت ہے مگر وہ اس قسم کا گھٹیا آدمی نہیں تھا۔ اس نے موذیل سے صرف اتنا کہا۔

’’موذیل! میں اپنی شادی کا فیصلہ کر چکا ہوں۔ میرے گاؤں کی ایک سیدھی سادی لڑکی ہے۔ جو مذہب کی پابند ہے۔ اسی کے لیے میں نے بال بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ‘‘

موذیل سوچ بچار کی عادی نہیں تھی، لیکن اس نے کچھ دیر سوچا اور کھڑاؤں پر نصف دائرے میں گھوم کر ترلوچن سے کہا۔

’’وہ مذہب کی پابند ہے تو تمہیں کیسے قبول کرے گی؟۔ کیا اسے معلوم نہیں کہ تم ایک دفعہ اپنے بال کٹوا چکے ہو؟‘‘

’’اس کو ابھی تک معلوم نہیں۔ داڑھی میں نے تمہارے دیو لالی جانے کے بعد ہی بڑھانی شروع کردی تھی۔ محض انتقامی طور پر۔ اسے کے بعد میری کرپال کور سے ملاقات ہوئی۔ مگر میں پگڑی اس طریقے سے باندھتا ہوں کہ سو میں سے ایک ہی آدمی مشکل سے جان سکتا ہے کہ میرے کیس کٹے ہوئے ہیں۔ مگر اب یہ بہت جلد ٹھیک ہو جائیں گے‘‘

ترلوچن نے اپنے لمبے ملائم بالوں میں انگلیوں سے کنگھی کرنا شروع کی۔ موذیل نے لمبا کرتہ اٹھاکر اپنی گوری دبیز ران کھجلانی شروع کی۔

’’یہ بہت اچھا ہے۔ مگر یہ کم بخت مچھر یہاں بھی موجود ہے۔ دیکھو، کس زور سے کاٹا ہے۔ ‘‘

ترلوچن نے دوسری طرف دیکھنا شروع کردیا۔ موذیل نے اس جگہ جہاں مچھر نے کاٹا تھا انگلی سے لب لگائی اور کرتہ چھوڑ کر سیدھی کھڑی ہو گئی۔

’’کب ہورہی ہے تمہاری شادی؟‘‘

’’ابھی کچھ پتہ نہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر ترلوچن سخت متفکر ہو گیا۔ چند لمحات تک خاموشی رہی۔ اس کے بعد موذیل نے اس کے تفکرکا اندازہ لگا کر اس سے بڑے سنجیدہ انداز میں پوچھا۔

’’ترلوچن۔ تم کیا سوچ رہے ہو؟‘‘

ترلوچن کو اس وقت کسی ہمدرد کی ضرورت تھی۔ خواہ وہ موذیل ہی کیوں نہ ہو۔ چنانچہ اس نے اس کو سارا ماجرا سنا دیا۔ موذیل ہنسی۔

’’تم اول درجے کے ایڈیٹ ہو۔ جاؤ اس کو لے آؤ۔ ایسی کیا مشکل ہے؟‘‘

’’مشکل!۔ موذیل، تم اس معاملے کی نزاکت کو کبھی نہیں سمجھ سکتیں۔ کسی بھی معاملے کی نزاکت۔ تم ایک لا ابالی قسم کی لڑکی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ تمہارے اور میرے تعلقات قائم نہیں رہ سکے، جس کا مجھے ساری عمر افسوس رہے گا۔ ‘‘

موذیل نے زور سے اپنی کھڑاؤں پانی کے نل کے ساتھ ماری۔

’’افسوس بی ڈیمڈ۔ سلی ایڈیٹ۔ تم یہ سوچو کہ تمہاری اُس۔ کیا نام ہے اس کا۔ اس محلے سے بچا کر لانا کیسے ہے۔ تم بیٹھ گئے ہو تعلقات کا رونا رونے۔ تمہارے میرے تعلقات کبھی قائم نہیں رہ سکتے تھے۔ تم ایک سِلی قسم کے آدمی ہو۔ اور بہت ڈرپوک۔ مجھے نڈر مرد چاہیے۔ لیکن چھوڑو ان باتوں کو۔ چلو آؤ، تمہاری اس کور کو لے آئیں!‘‘

اس نے ترلوچن کا بازو پکڑ لیا۔ ترلوچن نے گھبراہٹ میں اس سے پوچھا۔

’’کہاں سے؟‘‘

’’وہیں سے، جہاں وہ ہے۔ میں اس محلے کی ایک ایک اینٹ کو جانتی ہوں۔ چلو آؤ میرے ساتھ۔ ‘‘

’’مگر سنو تو۔ کرفیو ہے۔ ‘‘

’’موذیل کے لیے نہیں۔ چلو آؤ۔ ‘‘

وہ ترلوچن کو بازو سے پکڑ کر کھینچتی اس دروازے تک لے گئی تھی جو نیچے سیڑھیوں کی طرح کھلتا تھا۔ دروازہ کھول کر وہ اترنے والی تھی کہ رک گئی اور ترلوچن کی داڑھی کی طرف دیکھنے لگی۔ ترلوچن نے پوچھا۔

’’کیا بات ہے؟‘‘

موذیل نے کہا۔

’’یہ تمہاری داڑھی۔ لیکن خیر ٹھیک ہے۔ اتنی بڑی نہیں ہے۔ ننگے سر چلو گے تو کوئی نہیں سمجھے گا کہ تم سکھو۔ ‘‘

’’ننگے سر!‘‘

ترلوچن نے کسی قدر بوکھلا کر کہا۔

’’میں ننگے سر نہیں جاؤں گا۔ ‘‘

موذیل نے بڑے معصوم انداز میں پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

ترلوچن نے اپنے بالوں کی ایک لٹ ٹھیک کی۔

’’تم سمجھتی نہیں ہو۔ میرا وہاں پگڑی کے بغیر جانا ٹھیک نہیں۔ ‘‘

’’کیوں ٹھیک نہیں۔ ‘‘

’’تم سمجھتی کیوں نہیں ہو کہ اس نے مجھے ابھی تک ننگے سر نہیں دیکھا۔ وہ یہی سمجھتی ہے کہ میرے کیس ہیں۔ میں اس پر یہ راز افشا نہیں کرنا چاہتا۔ ‘‘

موذیل نے زور سے اپنی کھڑاؤں دروازے کی دہلیز پر ماری۔

’’تم واقعی اول درجے کے ایڈیٹ ہو۔ گدھے کہیں کے۔ اس کی جان کا سوال ہے۔ کیا نام ہے، تمہاری اس کور کا، جس سے تم محبت کرتے ہو۔ ‘‘

ترلوچن نے اسے سمجھانے کی کوشش کی۔

’’موذیل، وہ بڑی مذہبی قسم کی لڑکی ہے۔ اگر اس نے مجھے ننگے سر دیکھ لیا تو مجھ سے نفرت کرنے لگے گی۔ ‘‘

موذیل چڑ گئی۔

’’اوہ، تمہاری محبت بی ڈیمڈ۔ میں پوچھتی ہوں۔ کیا سارے سکھ تمہارے طرح کے بے وقوف ہوتے ہیں۔ اس کی جان کو خطرہ ہے اور تم کہتے ہو کہ پگڑی ضرور پہنو گے۔ اور شاید وہ اپنا انڈرویئر بھی جو نیکر سے ملتا جلتا ہے۔ ‘‘

ترلوچن نے کہا۔

’’وہ تو میں ہر وقت پہنے ہوتا ہوں۔ ‘‘

’’بہت اچھا کرتے ہو۔ مگر اب تم یہ سوچو کہ معاملہ اس محلے کا ہے جہاں میاں بھائی ہی میاں بھائی رہتے ہیں اور وہ بھی بڑے بڑے دادا اور بڑے بڑے موالی۔ تم پگڑی پہن کر گئے تو وہیں ذبح کردیے جاؤ گے۔ ‘‘

ترلوچن نے مختصر سا جواب دیا۔

’’مجھے اس کی پروا نہیں۔ اگر میں تمہارے ساتھ وہاں جاؤں گا تو پگڑی پہن کر جاؤں گا۔ میں اپنی محبت خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتا!‘‘

موذیل جھنجھلا گئی۔ اس زور سے اس نے پیچ و تاپ کھائے کہ اس کی چھاتیاں آپس میں بھڑ بھڑ گئیں۔

’’گدھے۔ تمہاری محبت ہی کہاں رہے گی۔ جب تم نہ ہو گے۔ تمہاری وہ۔ کیا نام ہے اس بھڑوی کا۔ جب وہ بھی نہ رہے گی۔ اس کا خاندان تک نہ رہے گا۔ تم سکھ۔ خدا کی قسم تم سکھ ہو اور بڑے ایڈیٹ سکھ ہو!‘‘

ترلوچن بھنا گا۔

’’بکواس نہ کرو!‘‘

موذیل زور سے ہنسی۔ مہین مہین بالوں کے غبار سے اٹی ہوئی بانھیں اس نے ترلوچن کے گلے میں ڈال دیں اور تھوڑا سا جھول کر کہا۔

’’ڈارلنگ چلو، جیسے تمہاری مرضی۔ جاؤ پگڑی پہن آؤ۔ میں نیچے بازار میں کھڑی ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ نیچے جانے لگی۔ ترلوچن نے اسے روکا۔

’’تم کپڑے نہیں پہنو گی!‘‘

موذیل نے اپنے سر کو جھٹکا دیا۔

’’نہیں۔ چلے گا اسی طرح۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ کھٹ کھٹ کرتی نیچے اتر گئی۔ ترلوچن نچلی منزل کی سیڑھیوں پر بھی اس کی کھڑاؤں کی چوبی آواز سنتا رہا۔ پھر اس نے اپنے لمبے بال انگلیوں سے پیچھے کی طرف سمیٹے اور نیچے اتر کر اپنے فلیٹ میں چلا گیا۔ جلدی جلدی اس نے کپڑے تبدیل کیے۔ پگڑی بندھی بندھائی رکھی تھی۔ اسے اچھی طرح سر پر جمایا اور فلیٹ کا دروازہ مقفل کرکے نیچے اتر گیا۔ باہر فٹ پاتھ پر موذیل اپنی تکڑی ٹانگیں چوڑی کیے سگرٹ پی رہی تھی۔ بالکل مردانہ انداز میں۔ جب ترلوچن اس کے نزدیک پہنچا تو اس نے شرارت کے طور پر منہ بھر کے دھواں اس کے چہرے پر دے مارا۔ ترلوچن نے غصے میں کہا۔

’’تم بہت ذلیل ہو۔ ‘‘

موذیل مسکرائی۔

’’یہ تم نے کوئی نئی بات نہیں کہی۔ اس سے پہلے اور کئی مجھے ذلیل کہہ چکے ہیں۔ ‘‘

پھر اس نے ترلوچن کی پگڑی کی طرف دیکھا۔

’’یہ پگڑی تم نے واقعی بہت اچھی طرح باندھی ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے تمہارے کیس ہیں‘‘

بازار بالکل سنسان تھا۔ ایک صرف ہوا چل رہی تھی اور وہ بھی بہت دھیرے دھیرے۔ جیسے کرفیو سے خوفزدہ ہے۔ بتیاں روشن تھیں مگر ان کی روشنی بیمار سی معلوم ہوتی تھی۔ عام طور پر اس وقت ٹریمیں چلنی شروع ہوجاتی تھیں اور لوگوں کی آمدورفت بھی جاری ہوجاتی تھی۔ اچھی خاصی گہما گہمی ہوتی تھی۔ پر اب ایسا معلوم ہوتا تھا کہ سڑک پر کوئی انسان گزرا ہے نہ گزرے گا۔ ‘‘

موذیل آگے آگے تھی۔ فٹ پاتھ کے پتھروں پر اس کی کھڑاؤں کھٹ کھٹ کررہی تھی۔ یہ آواز، اس خاموش فضا میں ایک بہت بڑا شور تھی۔ ترلوچن دل ہی دل میں موذیل کو برا بھلا کہہ رہا تھا کہ دو منٹ میں اور کچھ نہیں تو اپنی واہیات کھڑاؤں ہی اتار کر کوئی دوسری چیز پہن سکتی تھی۔ اس نے چاہا کہ موذیل سے کہے کھڑاؤں اتار دو اور ننگے پاؤں چلو۔ مگر اس کو یقین تھا کہ وہ کبھی نہیں مانے گی۔ اس لیے خاموش رہا۔ ترلوچن سخت خوفزدہ تھا۔ کوئی پتا کھڑکتا تو اس کے دل دھک سے رہ جاتا تھا۔ مگر موذیل بالکل بے خوف چلی جارہی تھی۔ سگرٹ کا دھواں اڑاتی جیسے وہ بڑی بے فکری سے چہل قدمی کررہا ہے۔ چوک میں پہنچے تو پولیس مین کی آواز گرجی۔

’’اے۔ کدھر جارہا ہے۔ ‘‘

ترلوچن سہم گیا۔ موذیل آگے بڑھی اور پولیس مین کے پاس پہنچ گئی اور بالوں کو ایک خفیف سا جھٹکا دے کر کہا۔

’’اوہ، تم۔ ہم کو پچانا نہیں تم نے۔ موذیل۔ ‘‘

پھر اس نے ایک گلی کی طرف اشارہ کیا۔

’’ادھر اس باجو۔ ہمارا بہن رہتا ہے۔ اس کی طبیعت خراب ہے۔ ڈاکٹر لے کر جارہا ہے۔ ‘‘

سپاہی اسے پہچاننے کی کوشش کررہا تھا کہ اس نے خدا معلوم کہاں سے سگریٹ کی ڈبیا نکالی اور ایک سگرٹ نکال کر اس کو دیا۔

’’لو پیو۔ ‘‘

سپاہی نے سگرٹ لے لیا۔ موذیل نے اپنے منہ سے سلگا ہوا سگرٹ نکالا اور اس سے کہا

’’ہیر از لائٹ!‘‘

سپاہی نے سگرٹ کا کش لیا۔ موذیل نے داہنی آنکھ اس کو اور بائیں آنکھ ترلوچن کو ماری اور کھٹ کھٹ کرتی اس گلی کی طرف چل دی۔ جس میں سے گزر کر انھیں۔ محلے جانا تھا۔ ترلوچن خاموش تھا، مگر وہ محسوس کررہا تھا کہ موذیل کرفیو کی خلاف ورزی کرکے ایک عجیب و غریب قسم کی مسرت محسوس کررہی ہے۔ خطروں سے کھیلنا اسے پسند تھا۔ جب جوہو پر اس کے ساتھ جاتی تھی تو اس کے لیے ایک مصیبت بن جاتی تھی۔ سمندر کی پیل تن لہروں سے ٹکراتی، بھڑتی وہ دور تک نکل جاتی تھی اور اس کو ہمیشہ اس بات کا دھڑکا رہتا تھا کہ وہ کہیں ڈوب نہ جائے۔ جب واپس آتی تو اس کا جسم سیپوں اور زخموں سے بھرا ہوتا تھا مگر اسے ان کی کوئی پروا نہیں ہوتی تھی۔ موذیل آگے آگے تھی۔ ترلوچن اس کے پیچھے پیچھے۔ ڈر ڈر کے ادھر ادھر دیکھتا رہتا تھا کہ اس کی بغل سے کوئی چھری مار نمودار نہ ہو جائے۔ موذیل رک گئی۔ جب ترلوچن پاس آیا تو اس نے سمجھانے کے انداز میں اسے کہا۔

’’ترلوچن ڈیئر۔ اس طرح ڈرنا اچھا نہیں۔ تم ڈرو گے تو ضرور کچھ نہ کچھ ہو کے رہے گا۔ سچ کہتی ہوں، یہ میری آزمائی ہوئی بات ہے۔ ‘‘

ترلوچن خاموش رہا۔ جب وہ گلی طے کرکے دوسری گلی میں پہنچے۔ جو اس محلے کی طرف نکلتی تھی، جس میں کرپال کور رہتی تھی توموذیل چلتے چلتے ایک دم رک گئی۔ کچھ فاصلے پر بڑے اطمینان سے ایک مار واڑی کی دکان لوٹی جارہی تھی۔ ایک لحظے کے لیے اس نے معاملے کا جائزہ لیا اور ترلوچن سے کہا۔

’’کوئی بات نہیں۔ چلو آؤ۔ ‘‘

دونوں چلنے لگے۔ ایک آدمی جو سر پر بہت بڑی پرات اٹھائے چلا آرہا تھا۔ ترلوچن سے ٹکرا گیا۔ پرات گر گئی۔ اس آدمی نے غور سے ترلوچن کی طرف دیکھا۔ صاف معلوم ہوتا تھا کہ وہ سکھ ہے۔ اس آدمی نے جلدی سے اپنے نیفے میں ہاتھ ڈالا۔ کہ موذیل آگئی۔ لڑکھڑاتی ہوئی جیسے نشے میں چور ہے اس نے زور سے اس کو آدمی کو دھکا دیا اور مخمور لہجے میں کہا۔

’’اے کیا کرتا ہے۔ اپنے بھائی کو مارتا ہے۔ ہم اس سے شادی بنانے کو مانگتا ہے۔ ‘‘

پھر وہ ترلوچن سے مخاطب ہوئی۔

’’کریم۔ اٹھاؤ، یہ پرات اور رکھ دو اس کے سر پر۔ ‘‘

اس آدمی نے نیفے میں سے ہاتھ نکال لیا اور شہوانی آنھکوں سے موذیل کی طرف دیکھا، پھر آگے بڑھ کر اپنی کہنی سے اس کی چھاتیوں میں ایک ٹہوکا دیا۔

’’عیش کر سالی۔ عیش کر‘‘

پھر اس نے پرات اٹھائی اور یہ جا، وہ جا۔ ترلوچن بڑبڑایا۔

’’کیسی ذلیل حرکت کی ہے حرامزادے نے!‘‘

موذیل نے اپنی چھاتیوں پر ہاتھ پھیرا۔

’’کوئی ذلیل حرکت نہیں۔ سب چلتا ہے۔ آؤ۔ ‘‘

اور وہ تیز تیز چلنے لگی۔ ترلوچن نے بھی قدم تیز کردیے۔ یہ گلی طے کرکے دونوں اس محلے میں پہنچ گئے۔ جہاں کرپال کور رہتی تھی۔ موذیل نے پوچھا۔

’’کس گلی میں جانا ہے؟‘‘

ترلوچن نے آہستہ سے کہا۔

’’تیسری گلی میں۔ نکڑ والی بلڈنگ!‘‘

موذیل نے اس طرف چلنا شروع کردیا۔ یہ راستہ بالکل خاموش تھا۔ آس پاس اتنی گنجان آبادی تھی مگر کسی بچے تک کے رونے کی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ جب وہ اس گلی کے قریب پہنچے تو کچھ گڑ بڑ دکھائی دی۔ ایک آدمی بڑے سے اس کنارے والی بلڈنگ سے نکلا اور دوسرے کنارے والی بلڈنگ میں گھس گیا۔ اس بلڈنگ سے تھوڑی دیر کے بعد تین آدمی نکلے۔ فٹ پاتھ پر انھوں نے ادھر ادھر دیکھا اور بڑی پھرتی سے دوسری بلڈنگ میں چلے گئی۔

’’موذیل ٹھٹک گئی تھی۔ اس نے ترلوچن کو اشارہ کیا کہ اندھیرے میں ہو جائے۔ پھر اس نے ہولے سے کہا۔

’’ترلوچن ڈیئر۔ یہ پگڑی اتار دو!‘‘

ترلوچن نے جواب دیا۔

’’میں یہ کسی صورت میں بھی نہیں اتار سکتا!‘‘

موذیل جھنجھلا گئی۔

’’تمہاری مرضی۔ لیکن تم دیکھتے نہیں، سامنے کیا ہو رہا ہے‘‘

سامنے جو کچھ ہورہا تھا دونوں کی آنکھوں کے سامنے تھا۔ صاف گڑ بڑ ہورہی تھی اور بڑی پراسرار قسم کی۔ دائیں ہاتھ کی بلڈنگ سے جب دو آدمی اپنی پیٹھ پر بوریاں اٹھائے نکلے تو موذیل ساری کی ساری کانپ گئی۔ ان میں سے کچھ گاڑھی گاڑھی سیال سی چیز ٹپک رہی تھی۔ موذیل اپنے ہونٹ کاٹنے لگی۔ غالباً وہ سوچ رہی تھی۔ جب یہ دونوں آدمی گلی کے دوسرے سرے پر پہنچ کر غائب ہو گئے تو اس نے ترلوچن سے کہا۔

’’دیکھو، ایسا کرو۔ میں بھاگ کر نکڑ والی بلڈنگ میں جاتی ہوں۔ تم میرے پیچھے آنا۔ بڑی تیزی سے، جیسے تم میرا پیچھا کررہے ہو۔ سمجھے۔ مگر یہ سب ایک دم جلدی جلدی میں ہو۔ ‘‘

موذیل نے ترلوچن کے جواب کا انتظار نہ کیا اور نکڑ والی بلڈنگ کی طرف کھڑاؤں کھٹکھٹاتی بڑی تیزی سے بھاگی۔ ترلوچن بھی اس کے پیچھے دوڑا۔ چند لمحوں وہ بلڈنگ کے اندر تھے۔ سیڑھیوں کے پاس۔ ترلوچن ہانپ رہا تھا۔ مگر موذیل بالکل ٹھیک ٹھاک تھی۔ اس نے ترلوچن سے پوچھا۔

’’کون سا مالا؟‘‘

ترلوچن نے اپنے خشک ہونٹوں پر زبان پھیری۔

’’دوسرا۔ ‘‘

’’چلو۔ ‘‘

یہ کہہ وہ کھٹ کھٹ سیڑھیاں چڑھنے لگے۔ ترلوچن اس کے پیچھے ہولیا۔ زینوں پر خون کے بڑے بڑے دھبے پڑے تھے۔ ان کو دیکھ دیکھ کر اس کا خون خشک ہورہا تھا۔ دوسرے مالے پر پہنچے تو کوری ڈور میں کچھ دور جا کر ترلوچن نے ہولے سے ایک دروازے پر دستک دی۔ موذیل دور سیڑھیوں کے پاس کھڑی رہی۔ ترلوچن نے ایک بار پھر دستک دی اور دروازے کے ساتھ منہ لگا کر آواز دی۔

’’مہنگا سنگھ جی۔ مہنگا سنگھ جی!‘‘

اندر سے مہین آواز آئی۔

’’کون؟‘‘

’’ترلوچن!‘‘

دروازہ دھیرے سے کھلا۔ ترلوچن نے موذیل کو اشارہ کیا۔ وہ لپک کر آئی دونوں اندر داخل ہوئے۔ موذیل نے اپنی بغل میں ایک دبلی پتلی لڑکی کو دیکھا۔ جو بے حد سہمی ہوئی تھی۔ موذیل نے اس کو ایک لحظے کے لیے غور سے دیکھا پتلے پتلے نقش تھے۔ ناک بہت ہی پیاری تھی مگر زکام میں مبتلا۔ موذیل نے اس کو اپنے چوڑے چکلے سینے کے ساتھ لگا لیا اور اپنے ڈھیلے ڈھالے کرنے کا دامن اٹھا کر اس کی ناک پونچھی۔ ترلوچن سرخ ہو گیا۔ موذیل نے کرپال کور سے بڑے پیار کے ساتھ کہا۔

’’ڈرو نہیں، ترلوچن تمہیں لینے آیا ہے۔ ‘‘

کرپال کور نے ترلوچن کی طرف اپنی سہمی ہوئی آنکھوں سے دیکھا اور موذیل سے الگ ہو گئی۔ ترلوچن نے اس سے کہا۔

’’سردار صاحب سے کہو کہ جلدی تیار ہو جائیں۔ اور اپنی ماتا جی سے بھی۔ لیکن جلدی کرو۔ ‘‘

اتنے میں اوپر کی منزل پر بلند آوازیں آنے لگیں جیسے کوئی چیخ چلا رہا ہے اور دھینگا مشتی ہورہی ہے۔ کرپال کور کے حلق سے دبی دبی چیخ بلند ہوئی۔

’’اسے پکڑ لیا انھوں نے!‘‘

ترلوچن نے پوچھا۔

’’کسے؟‘‘

کرپال کور جواب دینے ہی والی تھی کہ موذیل نے اس کو بازو سے پکڑاور گھسیٹ کر ایک کونے میں لے گئی۔

’’پکڑ لیا تو اچھا ہوا۔ تم یہ کپڑے اتارو۔ ‘‘

کرپال کور ابھی کچھ سوچنے بھی نہ پائی تھی کہ موذیل نے آنا فانا اس کی قمیض اتار کر ایک طرف رکھ دی۔ کرپال کور نے اپنی بانھوں میں اپنے ننگے جسم کو چھپا لیا اور سخت وحشت زدہ ہو گئی۔ ترلوچن نے منہ دوسری طرف منہ موڑ لیا۔ موذیل نے اپنا ڈھیلا ڈھالا کرتا اتارا اور اس کو پہنا دیا۔ خود وہ ننگ دھڑنگ تھی۔ جلدی جلدی اس نے کرپال کور کا ازار بند ڈھیلا کیا اور اس کی شلوار اتار کر، ترلوچن سے کہنے لگی۔

’’جاؤ، اسے لے جاؤ۔ لیکن ٹھہرو۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے کرپال کور کے بال کھول دیے اور اس سے کہا۔

’’جاؤ۔ جلدی نکل جاؤ۔ ‘‘

ترلوچن نے اس سے کہا۔

’’آؤ۔ ‘‘

مگر فوراً ہی رک گیا۔ پلٹ کر اس نے موذیل کی طرف دیکھا جو دھوئے دیدے کی طرح ننگی کھڑی تھی۔ اس کی بانھوں پر مہین مہین بال سردی کے باعث جاگے ہوئے تھے۔

’’تم جاتے کیوں نہیں ہو؟‘‘

موذیل کے لہجے میں چڑچڑاپن تھا۔ ترلوچن نے آہستہ سے کہا۔

’’اس کے ماں باپ بھی تو ہیں۔ ‘‘

’’جہنم میں جائیں وہ۔ تم اسے لے جاؤ۔ ‘‘

’’اور تم؟‘‘

’’میں آجاؤں گی۔ ‘‘

ایک دم اوپر کی منزل سے کئی آدمی دھڑا دھڑ نیچے اترنے لگے۔ دروازے کے پاس آکر انھوں نے اسے کوٹنا شروع کردیا جیسے وہ اسے توڑ ہی ڈالیں گے۔ کرپال کور کی اندھی ماں اور اس کا مفلوج باپ دوسرے کمرے میں پڑے کراہ رہے تھے۔ موذیل نے کچھ سوچا اور بالوں کو خفیف سا جھٹکا دے کر اس نے ترلوچن سے کہا۔

’’سنو۔ اب صرف ایک ہی ترکیب سمجھ میں آتی ہے۔ میں دروازہ کھولتی ہوں۔ ‘‘

کرپال کور کے خشک حلق سے چیخ نکلتی نکلتی دب گئی۔

’’دروازہ۔ ‘‘

موذیل، ترلوچن سے مخاطب رہی۔

’’میں دروازہ کھول کر باہر نکلتی ہوں۔ تم میرے پیچھے بھاگنا۔ میں اوپر چڑھ جاؤں گی۔ تم بھی اوپر چلے آنا۔ یہ جو لوگ جو دروازہ توڑ رہے ہیں، سب کچھ بھول جائیں گے اور ہمارے پیچھے چلے آئیں گے۔ ‘‘

ترلوچن نے پھر پوچھا۔

’’پھر؟‘‘

موذیل نے کہا۔

’’یہ تمہاری۔ کیا نام ہے اس کا۔ موقعہ پا کر نکل جائے۔ اس لباس میں اسے کوئی کچھ نہ کہے گا۔ ‘‘

ترلوچن نے جلدی جلدی کرپال کور کو ساری بات سمجھا دی۔ موذیل زور سے چلائی۔ دروازہ کھولا اور دھڑام سے باہر کے لوگوں پر گری۔ سب بوکھلا گئے۔ اٹھ کر اس نے اوپر کی سیڑھیوں کا رخ کیا۔ ترلوچن اسکے پیچھے بھاگا۔ سب ایک طرف ہٹ گئے۔ موذیل اندھا دھند سیڑھیاں چڑھ رہی تھیں۔ کھڑاؤں اس کے پیروں میں تھی۔ وہ جو لوگ جو دروازہ توڑنے کی کوشش کررہے تھے سنبھل کر ان کے تعاقب میں دوڑے۔ موذیل کا پاؤں پھسلا۔ اوپر کے زینے سے وہ کچھ اس طرح لڑھکی کہ ہر پتھریلے زینے کے ساتھ ٹکراتی، لوہے کے جنگلے کے ساتھ الجھتی وہ نیچے آرہی۔ پتھریلے فرش پر۔ ترلوچن ایک دم نیچے اترا۔ جھک کر اس نے دیکھا تو اس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ منہ سے خون بہہ رہا تھا۔ کانوں کے رستہ بھی خون نکل رہا تھا۔ وہ جو دروازہ توڑنے آئے تھے اردگرد جمع ہو گئے۔ کسی نے بھی نہ پوچھا کیا ہوا ہے۔ سب خاموش تھے اور موذیل کے ننگے اور گورے جسم کو دیکھ رہے تھے۔ جس پر جا بجا خراشیں پڑی تھیں۔ ترلوحن نے اس کا بازو ہلایا اور آواز دی۔

’’موذیل۔ موذیل۔ ‘‘

موذیل نے اپنی بڑی بڑی یہودی آنکھیں کھولیں جو لال بوٹی ہورہی تھیں اور مسکرائی۔ ترلوچن نے اپنی پگڑی اتاری اور کھول کر اس کا ننگا جسم ڈھک دیا۔ موذیل پھرمسکرائی اور آنکھ مار کر اس نے ترلوچن سے منہ میں خون کے بلبلے اڑاتے ہوئے کہا۔

’’جاؤ، دیکھو۔ میرا انڈر ویئر وہاں ہے کہ نہیں۔ میرا مطلب ہے وہ۔ ‘‘

ترلوچن اس کا مطلب سمجھ گیا مگر اس نے اٹھنا نہ چاہا۔ اس پر موذیل نے غصے میں کہا۔

’’تم سچ مچ سکھ ہو۔ جاؤ دیکھ کر آؤ۔ ‘‘

ترلوچن اٹھ کر کرپال کور کے فلیٹ کی طرف چلا گیا۔ موذیل نے اپنی دھندلی آنکھوں سے آس پاس کھڑے مردوں کی طرف دیکھا اور کہا

’’یہ میاں بھائی ہے۔ لیکن بہت دادا قسم کا۔ میں اسے سکھ کہا کرتی ہوں۔ ‘‘

ترلوچن واپس آگیا۔ اس نے آنکھوں ہی آنکھوں میں موذیل کو بتا دیاکہ کرپال کور جا چکی ہے۔ موذیل نے اطمینان کا سانس لیا۔ لیکن ایسا کرنے سے بہت سا خون اس کے منہ سے بہہ نکلا

’’اوہ ڈیم اٹ۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے اپنی مہین مہین بالوں سے اٹی ہوئی کلائی سے اپنا منہ پونچھا اور ترلوچن سے مخاطب ہوئی۔

’’آل رائٹ ڈارلنگ۔ بائی بائی۔ ‘‘

ترلوچن نے کچھ کہنا چاہا، مگر لفظ اس کے حلق میں اٹک گئے۔ موذیل نے اپنے بدن پر سے ترلوچن کی پگڑی ہٹائی۔

’’لے جاؤ اس کو۔ اپنے اس مذہب کو۔ ‘‘

اور اس کا بازو اس کی مضبوط چھاتیوں پر بے حس ہو کر گر پڑا۔

سعادت حسن منٹو

موچنا

نام اس کا مایا تھا۔ ناٹے قد کی عورت تھی۔ چہرہ بالوں سے بھرا ہوا، بالائی لب پر تو بال ایسے تھے، جیسے آپ کی اور میری مونچھوں کے۔ ماتھا بہت تنگ تھا، وہ بھی بالوں سے بھرا ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کو موچنے کی ضرورت اکثر پیش آتی تھی۔ وہ راولپنڈی کے ایک معمولی گھرانے سے تعلق رکھتی تھی۔ جس سے قطع تعلق کیے اسے ایک زمانہ گزر چکا تھا۔ صرف اتنا معلوم ہے، کہ وہیں اس کی شادی ہوئی۔ جب اس کی عمر سولہ برس کے قریب تھی۔ دو برس ہونے کو آئے تو اس کے خاوند کو شک گزرا کہ مایا کا چال چلن خراب ہے۔ محلے میں وہ ایک نہیں، تین آدمیوں سے بیک وقت عشق لڑا رہی ہے۔ اس تگڈے عشق کے دوران میں مایا کو احساس ہوا کہ اس کا ماتھا تنگ ہے۔ اس کے بالائی لب اور ٹھوڑی پر بال ہیں جو بڑے بد نما معلوم ہوتے ہیں۔ چنانچہ اس نے ایک موچنا خرید لیا اور ان غیر ضروری بدنما بالوں کا صفایا کردیا۔ لیکن وہ ایک مصیبت میں گرفتار ہو گئی۔ اس کا خیال تھا کہ ایک دفعہ بال نوچنے کے بعد وہ ہمیشہ کیلیے ان سے نجات حاصل کرلے گی۔ اس کو موچنے سے ماتھے، ٹھوڑی اور بالائی لب کے بال اکھیڑنے میں بڑی محنت کرنا پڑی تھی۔ ایک ایک کرکے ہربال کو موچنے کی گرفت میں لینا اور پھر اسے ایک ہی جھٹکے میں باہر نکالنا بہت مشکل کام تھا۔ مگر مایا دھن کی پکی تھی۔ یہ کام گو خود اس کے اپنے ہاتھ کررہے تھے، لیکن اس کے باوجود وہ درد کے مارے بلبلا اٹھتی تھی۔ جب سارا میدان صاف ہو گیا تو اس نے اطمینان کا بہت لمبا سانس لیا تھا۔ مگر اسے کیا معلوم تھا کہ وہ کم بخت دوسرے ہی روز پھر نمودار ہوجائیں گے۔ چنانچہ جب انہوں نے اس کے چہرے کی جلد سے اپنا سر نکالا تو مایا سر پکڑ کے بیٹھ گئی۔ اب اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا، کہ وہ ہر چوتھے پانچویں روز اپنے غیر ضروری بالوں کی صفائی کیا کرئے۔ آہستہ آہستہ موچنا اس کی زندگی کا اہم ترین جزو بن گیا۔ وہ جہاں بھی جاتی موچنا اس کے ساتھ ہوتا۔ لیکن اس کے استعمال میں اسے ان دنوں سخت دِقت محسوس ہوتی جب کہ وہ کسی دوسرے کے گھر ہوتی۔ اپنے گھر میں بھی اسے سب کی نظر بچا کر کسی ایسی جگہ اپنے بال نوچنے پڑتے تھے، جہاں کسی کے گزرنے کا امکان نہ ہو۔ پھر بھی کوئی پتا کھڑکتا تووہ بھڑک اٹھتی تھی، جیسے کوئی بہت بڑا گناہ کررہی ہے۔

’’منٹو صاحب میں اب سوچتا ہوں کہ اس سے ایسا کونسا گناہ سرزد ہوا تھا جو خدا نے اس کے مونچھیں اور داڑھی اگا دی تھیں۔ اس کا ماتھا اس قدر تنگ کردیا تھا کہ اس کی گھنی بھنوؤں کے ساتھ آ کے مل گیا تھا۔ اس کے سارے بدن پر بھی بال ہی بال تھے۔ معلوم نہیں کیوں۔ بال۔ روئیں نہیں۔ اچھے تکڑے بال۔ سیاہ۔ آپ یقیناً کہیے گا کہ پھر اس میں ایسی کونسی جاذبیت تھی کہ تم اس پر لٹو ہو گئے اور بہت دیر تک لٹو رہے۔ سو عرض ہے کہ میں اس کے متعلق کچھ نہیں جانتا۔ ‘‘

میں نے شکیل کی طرف دیکھا اور مسکرا کر کہا۔

’’آپ اتنے بڑے شاعرہیں، جب وہ آپ کے پاس تھی تو آپ نے بڑی خوبصورت غزلیں اور نظمیں لکھیں۔ جن میں مایا کا پرتو لفظ لفظ میں ملتا ہے۔ جب وہ چلی گئی تو آپ نے پھر بڑی زہریلی زہریلی غزلیں اور نظمیں لکھیں۔ ان میں بھی مایا کا عکس صاف نظر آتا ہے۔ حیرت ہے کہ آپ کو اتنا بھی معلوم نہیں کہ آپ کا اس پر لٹو ہونے کا باعث کیا تھا؟‘‘

شکیل نے ماتھے کا پسینہ پنسل سے ایک طرف ہٹا کرصاف کیا۔

’’مایا۔ صرف مایا۔ اور۔ مایا کیا تھی۔ یہ خدا کی قسم میں نہیں جان سکا۔ میری شاعری پر لعنت بھیجیے کیونکہ وہ محض جذباتی تھی۔ اس میں بھی وہی مایا کارفرما تھی۔ جس پر میں بظاہر بے وجہ لٹو ہوا تھا۔ لیکن۔ ‘‘

شکیل ایک لحظے کے لیے مناسب و موزوں الفاظ تلاش کرنے کے لیے رک گیا۔

’’وہ بستر کی بہترین رفیق تھی۔ ‘‘

جہاں تک میں سمجھتا ہوں شکیل کا یہ بیان بہت حد تک دُرست تھا۔ مایا ایک نچی ہوئی مرغی تھی۔ اس کے مقابلے میں شکیل کی سہرے جلوؤں کی بیاہی عورت پٹھانی حسن کا بہترین نمونہ تھی۔ گو دہ بچوں کی ماں، مگر شاید وہ بستر کی اچھی رفیق نہیں تھی۔ مایا شادی شدہ تھی مگر اولاد سے محروم۔ اس کے راولپنڈی میں کئی سلسلے ہو چکے تھے، مگر ان سے بھی کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا تھا۔ اس کے ماتھے اس کے بالائی لب اور اس کی ٹھوڑی کے بال بڑھتے جارہے تھے اور موچنے کے کام میں اسی تناسب سے اضافہ ہوتا چلا جارہا تھا۔ راولپنڈی میں جب اس نے کھیل کھیلنا شروع کیا تو اس کا خاوند جو کہ ایک شریف آدمی تھا، متوسط درجے کا دوکاندار، غربت کا مالک، اور ہٹ کا پکا تو اس نے ایک دن مایا کو گھر سے باہر نکال دیا۔ مایا نے کوئی لڑائی جھگڑا نہ کیا۔ البتہ دوسرے دن میکے سے اپنے شوہر کو خط لکھا کہ وہ مہربانی کرکے اس کا موچنا بھیج دے۔ اس کے شوہر گنڈا سنگھ نے بصد مشکل موچنا تلاش کیا اور آئینہ سمیت مایا کو بھجوایا۔ مایا کے زیور وغیرہ اس کے پاس رہتے تھے، اسی کے پاس رہے۔ مایا نے ان کا مطالبہ کبھی نہ کیا۔ اس کے چاہنے والوں کی کمی نہ تھی۔ چنانچہ دوسرے ہی روز وہ ایک مسلمان گھڑی ساز کے ساتھ رہنے لگی۔ وہ اس پر جان چھڑکتا تھا۔ ایک برس کے اندر اندر اس نے مایا کو کئی زیور بنوا دیے۔ ایک گھڑی جو کسی گاہک کی تھی اس کی کلائی پر باندھ دی۔ یہ بہت بیش قیمت گھڑی تھی۔ جب گاہک نے اس کا مطالبہ کیا تو صاف مکر گیا۔ اس نے یہ کہا صریحاً غلطی ہوئی ہے، ورنہ شہاب الدین کی یہ دُکان۔ وہ عورت جس کی یہ گھڑی تھی کوئی شریف عورت تھی۔ یہ سن کر خاموش ہو کر چلی گئی۔ شہاب الدین باوجود اس کے کہ اس کا ضمیر ملامت کر رہا تھا، زبردستی خوش ہونے کی کوشش کرتا۔ جب گھر پہنچا تو اسے معلوم ہوا کہ مایا دیوی جس کا اسلامی نام اس نے حسب توفیق اور بقدر جذبات صغریٰ رکھا ہوا تھا پڑوسی کے گھر میں ہے، جو شہر کا چھٹا ہوا بدمعاش تھا۔ اب شہاب الدین گھڑی ساز کے گھر سے مایا کا تبادلہ ہو گیا۔ وہ پڑوس میں امین پٹرنگ کے یہاں چلی گئی معمولی سا جھگڑا ہوا تھا۔ مایا کے سارے کپڑے وہیں پڑے رہے، لیکن وہ اپنا موچنا ساتھ لیتی گئی۔ امین پٹرنگ بڑا نہنگ قسم کا آدمی تھا۔ اس نے مایا سے صاف صاف کہہ دیا۔

’’دیکھو اگر تم نے پھر کوئی ایسا ویسا معاملہ کیا تو یاد رکھو میں تمہاری گردن اس چاقو سے کاٹ ڈالوں گا۔ ‘‘

وہ ہر وقت اپنی جیب میں ایک بڑا خوفناک کمانی والا چاقو رکھتا تھا۔ مگر مایا اس سے بالکل خائف نہ ہوئی۔ امین پٹرنگ کا ایک نوجوان لڑکا یوسف تھا جو کالج میں پڑھتا تھا۔ چند دنوں ہی میں اس نے اس نوجوان کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ امین کام پر جاتا تو یوسف کالج سے غیر حاضر ہوکر اس کے پاس پہنچ جاتا۔ آخر ایک روز بھانڈا پھوٹ گیا۔ باپ بیٹے کی مڈبھیڑ ہوئی۔ قریب تھا کہ وہ اس کے پیٹ میں اپنا کمانی والا چاقو بھونک کر اس کا خاتمہ کردے کہ مایا نے حکمت عملی سے کام لے کربیچ بچاؤ کرایا اور تین کپڑوں میں وہاں سے نکل گئی۔ سُنا ہے کہ امین پٹرنگ اس کے جانے کے بعد بہت دیر مغموم رہا۔ دوستوں میں وہ ہروقت اس کی باتیں کرتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اگر مایا سے اس کی اتفاقی ملاقات ہو جاتی تو اسے کسی قیمت پر بھی چھوڑنے کے لیے تیار نہ ہوتا۔ کپڑے رنگنے چھوڑ کروہ سارا دن وارث شاہ کی

’’ہیر‘‘

سُنا کرتا تھا۔ مجھے صرف یہاں تک مایا کے متعلق معلوم تھا۔ چنانچہ مزید معلومات کے لیے میں نے شکیل سے جو کہ اپنی داستان بیان کررہا تھا، پوچھا۔

’’امین پٹرنگ کے بعد وہ کس کے پاس گئی؟‘‘

شکیل نے زہر خند کے ساتھ جواب دیا

’’ہزاروں کے پاس۔ لاری ڈرائیور ہربنس سنگھ کے پاس، سینما اپریٹر مکند لال کے پاس۔ دیال سنگھ کالج کے ایک پروفیسر کے پاس۔ سٹار بیکری کے مالک حسین بخش کے پاس۔ ایکسٹرا سپلائر غلام محمد کے پاس۔ ‘‘

شکیل کے ہونٹوں پر ابھی تک وہ زہر خند موجود تھا۔

’’ایک برس میں۔ جو کہ اس نیک بخت کے لیے بہت بڑا عرصہ تھا۔ اور‘‘

اس نے میری طرف بڑی معنی خیز نگاہوں سے دیکھا جوکہ زخم خوردہ تھیں۔

’’آپ کومعلوم ہے، ہر مرتبہ اپنے نئے یار سے جدا ہونے کے بعد اس نے ایک رقعہ لکھا جس میں یہ درخواست کی تھی کہ اس کا موچنا اس کو بھیج دیا جائے۔ ‘‘

میں کباب ہو گیا۔ موچنے میں آخر ایسی کونسی بات تھی کہ مایا اور تمام چیزیں چھوڑ کر صرف اسی کی واپسی کی درخواست کرتی تھی۔ چنانچہ میں نے شکیل سے پوچھا۔

’’یہ موچنا سونے کا تھا۔ جڑاؤ تھا؟‘‘

شکیل مسکرایا۔

’’جی نہیں۔ معمولی لوہے کا تھا۔ زیادہ سے زیادہ اس کی قیمت چار آنے ہو گی۔ مگر وہ اس کا دائمی رفیق بن گیا تھا۔ کم بخت نے کسی مرد کو دائمی رفیق نہیں بنایا تھا۔ مگر یہ موچنا اس کا جیون ساتھی تھا‘‘

امین پٹرنگ کو معلوم تھا کہ موچنا کہاں پڑا ہے۔ اس نے پہلے سوچا کہ گول کردے اور لڑکے کو ایک دھول رسید کرکے رخصت کردے۔ یا اس کے سر پر اُسترا پھروا کر واپس بھیج دے کہ موچنے نے اتنا کام کیا ہے کہ وہ اب کسی کام کا نہیں رہا۔ مگر پھر جانے اسے کیا خیال آیا کہ اس نے کارنس پر سے موچنا اٹھایا۔ اس کے دانتوں میں سے مایا کی بھوؤں کے چند بال نکالے اور ایک طرف پھینک دیے۔ امین پٹرنگ باوجود اس کے کہ بہت بڑا غنڈہ تھا، موچنے کو دیکھ کرموم ہو گیا۔ اس نے قاصد لڑکے کا سرمنڈوانے کا خیال ترک کردیا۔ مجھے یہ معلوم کرنے کی جستجو تھی کہ وہ امین پٹرنگ کے بعد کس کے پاس گئی۔ لیکن شکیل نے مجھے فوراً بتا دیا۔

’’منٹو صاحب وہ ایک مرد کی عورت نہ تھی۔ لیکن شایدیہ کہنا بھی درست نہیں۔ وہ ایسی میل تھی جو ہر اسٹیشن پر کوئلہ، پانی چاہتی ہے۔ امین کے بعد وہ اسسٹنٹ فلم ڈائریکٹر ہربنس سنگھ کے پاس تین مہینے رہی۔ پھر ساؤنڈ ریکارڈسٹ پی۔ این۔ آہوجہ کے پاس ایک ماہ اور چند دن۔ اس کے بعد۔ اس کے بعد‘‘

میں نے پوچھا

’’کس کے پاس؟‘‘

شکیل نے شرما کے جواب دیا

’’آپ کے اس خاکسار کے پاس، جسے داراشکوہ المعروف شکیل کہتے ہیں۔ لعنت ہو اس پر ہزار بار‘‘

میں نے دریافت کیا

’’آپ اس لعنت میں کیسے گرفتار ہوئے؟‘‘

شکیل نے ٹھیٹ پشاوری لہجے میں کہا

’’منٹو صاحب۔ وہ لعنت ایسی ہے کہ اس میں گرفتار ہوئے بنا کوئی نہیں رہ سکتا۔ آپ بڑے آہنی قسم کے مرد بنے پھرتے ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ اگر آپ اسے دیکھتے تو یقیناً اپنی ساری افسانہ نگاری بھول جاتے۔ اگر نہ بھولتے تو قلم کے بجائے موچنے سے افسانے لکھتے۔ یوں کہیے کہ آپ ادب کی مونچھوں کے بال اکھیڑنے میں ساری عمر صرف کردیتے۔ ‘‘

ہو سکتا ہے ایسا ہی ہوتا، کیونکہ میں بھی امین، شکیل اور گنڈا سنگھ کی طرح ایک انسان ہوں۔ لیکن میری سمجھ میں نہیں آتا تھا، کہ موچنے میں کیا خصوصیت تھی کہ وہ مایا کی زندگی کے ساتھ ایسی بُری طرح چپک گیا تھا۔ میں نے شکیل سے کہا

’’تمہارا اس کا سلسلہ کتنی دیر تک قائم رہا؟‘‘

شکیل نے کانپتی ہوئی انگلیوں سے سگریٹ سلگایا۔

’’قریب قریب دو برس تک‘‘

اور۔ وہ بے حد سنجیدہ ہو گیا

’’اور منٹو صاحب آپ یقین مانیے، میں دنیا و مافیہا کو بھول گیا‘‘

میں نے سوال کیا

’’کیوں؟‘‘

شکیل سوچنے لگا۔

’’کچھ نہیں کہہ سکتا۔ شاید۔ شاید اس کی مونچھوں کے بال۔ جو موچنے کے استعمال سے بڑے کھردرے ہو گئے تھے۔ وہ۔ وہ۔ بڑی حرارت پیدا کرتے تھے۔ اور اس کا جسم جو سر سے پیر تک بالوں سے بھرا ہوا تھا۔ منٹو صاحب میں شاعر ہوں۔ میں نے ہمیشہ نرم اور چکنے بدن کی تعریف کی ہے، جس پر سے آدمی پھسل پھسل جائے۔ مگر مایا کی دوستی کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ یہ سب بکواس ہے، سارا مزہ اٹک اٹک جانے میں ہے۔ بس میں صرف اتنا جانتا ہوں‘‘

میں سوچنے لگا۔ پھسل پھسل جانے اور اٹک اٹک جانے میں واقعی بہت بڑا نفسیاتی فرق ہے۔ میرا خیال ہے کہ آپ اسے خود سمجھ سکتے ہیں۔ اگر نہیں سمجھ سکتے تو اس بکھیڑے میں نہ پڑیے۔ شکیل صاحب کی گفتگوکے انداز سے یوں معلوم ہوتا تھا کہ وہ مایا کو قریب قریب بھول چکے ہیں، مگر پھر بھی اس کی یاد تازہ رکھنا چاہتے ہیں۔ میں نے ان سے کہا۔

’’شکیل صاحب۔ دو برس تک آپ کا اورمایا کا سلسلہ رہا۔ ‘‘

شکیل نے میری بات کاٹ کرکہا

’’جی ہاں۔ دو برس تک۔ ‘‘

میں نے اپنی بیوی کو چھوڑ دیا۔ اپنے بچوں سے منہ موڑ لیا اور مایا کو اپنے سینے سے لگا لیا۔ لیکن دو برس کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ وہ بے وفا ہے۔ ریا کار ہے‘‘

میں نے پوچھا

’’یہ آپ نے کیسے جانا؟‘‘

شکیل نے زہر آلود لہجے میں کہا۔

’’جناب۔ وہ میرے ہمسائے شیخ اسماعیل گورنمنٹ کنٹریکٹر سے اپنا نیا سلسلہ قائم کررہی تھی۔ مجھے اورکسی بات کا غصہ نہیں تھا منٹو صاحب، لیکن وہ سالا پچاس برس کا بوڑھا تھا۔ سات جوان لڑکیوں کا باپ۔ دو بیویوں کا خاوند۔ لیکن حیرت اس سالی پر بھی ہے کہ اسے کیا سوجھی؟‘‘

شکیل نے یہ کہہ کر سگریٹ سلگانے کی کوشش کی، مگر اس سے سلگ نہ سکا۔ اس لیے کہ اس کے ہاتھ بہت بری طرح کانپ رہے تھے۔ میں نے اس کے ہاتھ سے سگریٹ لیا اور سلگا کر اس کو دیا

’’وہ چلی گئی‘‘

’’جی ہاں میں نے اسے دھکے مار کر باہر نکال دیا‘‘

شکیل نے زور کا ایک کش لیا، اور کانپتی ہوئی انگلیوں سے پنسل پکڑ کر ایک نئی نظم لکھنے کے لیے تیار ہونے لگا جو غالباً مایا کی یاد کے بارے میں ہونے والی تھی۔

’’جی ہاں چلی گئی۔ یہ اپنا موچنا چھوڑ گئی‘‘

میں نے پوچھا

’’اس نے اس کی واپسی کا مطالبہ کیا؟‘‘

شکیل نے ایک اور کش لیا

’’ایک نہیں، سینکڑوں مرتبہ۔ لیکن میں نے اسے واپس نہیں کیا۔ اس لیے کہ ایک صرف یہی چیز ہے جو اس کے اور میرے درمیان رہ گئی ہے۔ جب تک یہ موچنا میرے پاس ہے وہ ہمیشہ مجھ سے خط و کتابت کرتی رہے گی۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

موج دِین

رات کی تاریکی میں سنٹرل جیل کے دو وارڈن بندوق لیے چار قیدیوں کو دریا کی طرف لیے جارہے تھے جن کے ہاتھ میں کدالیں اور بیلچے تھے۔ پُل پرپہنچ کر انہوں نے گارد کے سپاہی سے ڈبیا لے کر لالٹین جلائی اور تیز تیز قدم بڑھاتے دریا کی طرف چل دیے۔ کنارے پر پہنچ کر انہوں نے بارہ دری کی بغل میں کدالیں اور بیلچے پھینکے اور لالٹین کی مدھم روشنی میں اس طرح تلاش شروع کی جیسے وہ کسی مدفون خزانے کی کھوج میں آئے ہیں۔ ایک قیدی نے لالٹین تھامے وارڈن کو داروغہ جی کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا۔

’’داروغہ جی! یہ جگہ مجھے بہت پسند ہے اگر حکم ہو تو کھدائی شروع کردیں۔ ‘‘

’’دیکھنا۔ زمین نیچے سے پتھریلی نہ ہو، ورنہ ساری رات کھدائی میں گزر جائے گی۔ کم بخت کو مرنا بھی رات ہی کو تھا۔ ‘‘

وارڈن نے تحکمانہ اور بیزاری کے لہجے میں کہا۔ قیدیوں نے کدالیں اور بیلچے اُٹھائے اور کھودنا شروع کیا۔ وارڈن بیزاری کے موڈ میں بیٹھے سگریٹ پی رہے تھے۔ قیدی زمین کھودنے میں ہمہ تن مصروف تھے۔ رفتہ رفتہ زمین پر کھدی ہوئی مٹی کا ڈھیر لگ گیا اور وارڈن نے قریب آکر قبر کا معائنہ کیا۔ زمین چونکہ پتھریلی نہیں تھی۔ اس لیے وہ بڑے اطمینان کے ساتھ قریب ہی ایک پتھر پر بیٹھا سگریٹ پینے لگا۔ جسے لگانے کے لیے اس نے لالٹین منگائی۔ کھدائی قریب قریب ختم ہوچکی تھی۔ وارڈن دو قیدیوں کو لیے جیل کی جانب چلا گیا اور بیس منٹ کے وقفے کے بعد کمبل میں لپٹی ہوئی قیدی کی لاش لے کر واپس آیا۔ دوسرا وارڈن جب تک سلیں جمع کر کے لایا تھا۔ ایک قیدی نے جو قتل کے جُرم کی پاداش میں سزا کاٹ رہا تھا۔ کُدالیں اور بیلچے اُٹھائے اور قبر کے سرہانے چند قدم ہٹ کر کھڑا ہو گیا۔ وارڈن نے بہت ہی برہم لہجے میں اس کی طرف دیکھ کر کہا۔

’’او اُلّو کے پٹھے اپنے ابا کو لحد میں اُتارنے میں ان کی مدد کر‘‘

قیدی نے ملتجیانہ لہجے میں کہا۔

’’داروغہ جی! لالٹین پکڑتا ہوں۔ میں نہیں چاہتا کہ اس معصوم اور بے گناہ کو ایک قاتل کے ہاتھ چھو جائیں۔ ‘‘

وارڈن یہ سُن کرگرجا

’’بے گناہ کے بچے۔ جاسوس کو معصوم کہتا ہے۔ ‘‘

قاتل نے کہا۔

’’داروغہ جی! میں قاتل ہوں۔ یہی احساس مجھے اس قیدی کی لاش چھونے سے روکتا ہے۔ ‘‘

’’جاسوس‘‘

دفنایا جا چکا تھا۔ قیدی اور وارڈن جا چکے تھے۔ صبح آٹھ بجے پولیس کی معیت میں ڈپٹی کمشنر قبر پر آیا۔ جیل کے حکام کے بیانات لیے گئے اور ڈپٹی کمشنر صاحب عدالت تشریف لے گئے۔ پیشی کی پہلی مِسل جو اُٹھائی گئی، اس پر سرکار بنام موج دین لکھا تھا۔ اردلی نے تین مرتبہ کمرہ عدالت سے باہر نکل کر بلند آواز میں تین بار پکارا۔ بلکہ یوں کہیے کہ للکارا۔

’’سرکار بنام موج دین۔ موج دین۔ موج دین ہے؟‘‘

لیکن یہ آواز بدقسمتی سے اُس جا سوس قیدی کی قبرتک نہ پہنچ سکی۔ یا اگر پہنچی بھی ہو تو وہ تعمیل کے لیے نہ آیا۔ شاید یہ سمجھ کر کہ وہ اب ڈپٹی کمشنر کے قانون کی زد سے بہت دُور جا چکا ہے۔ اس جگہ جہاں کوئی اور قانون چلتا ہے۔ جہاں ڈپٹی کمشنر کے سمن کی بھی تعمیل نہیں ہوسکتی۔ ملزم چونکہ غیرحاضر تھا، اس لیے ڈپٹی کمشنر صاحب بہادر نے عدم حاضری ملزم کارروائی یک طرفہ کے لیے مِسل اٹھائی اورریڈر سے جرم کی نوعیت دریافت کی۔

’’جاسوسی‘‘

منشی نے نمبر ا کی کارروائی لکھتے ہوئے کہا۔

’’ملزم رات کو سنٹرل جیل میں فوت ہو چکا ہے۔ مِسل داخلِ دفتر کردی جائے۔ ‘‘

ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا۔

’’جاسوس‘‘

کی سنٹرل جیل میں موت کی خبر شہر بھر میں اس لیے مشہور ہو گئی کہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور پولیس کے افسروں نے اس کی نماز جنازہ پڑھی۔ آزاد کشمیر حکومت کے نیک سیرت افسروں کی ہر طرف سے داد و تحسین دی جارہی تھی۔ مجھے جب اس واقعہ کا علم ہوا تو مجھے ایک مہینہ پہلے کی ایک شام یاد آئی جب کہ میں دارالحکومت کے ایک ہوٹل میں بیٹھا ڈاک گاڑی کا انتظار کررہا تھا۔ جس کے ذریعے سے میرے مرمت شُدہ جوتے راولپنڈی سے آنے والے تھے۔ گاڑی آنے میں خلافِ معمول دیر ہوئی۔ میں قریب قریب اٹھنے ہی والا تھا کہ ایک گہرے سانولے رنگ کے آدمی نے جس کی عمر تیس برس کے لگ بھگ تھی۔ مجھے اپنی طرف متوجہ کیا۔

’’آپ بُوت ٹَیم سے بیٹھا کسی کا انتظار کرتا ہے؟‘‘

اس نے مُسکراتے ہوئے استفسار کیا۔

’’بھئی عجیب مصیبت ہے۔ جوتا پھٹ جائے مظفر آباد میں، تو مرمت کے لیے راولپنڈی بھیجنا پڑتا ہے۔ یا اگر کوئی ڈرائیور مہربان ہو تو اسی کے ہاتھ بھیج دیتے ہیں۔ آج میں اپنے مرمت شدہ جوتوں کے انتظار میں تین گھنٹے سے بیٹھا ہوں اور کم بخت ڈاک گاڑی بھی آج ہی لیٹ ہوئی ہے۔ خیر کل سہی۔ ‘‘

میں یہ کہہ کر اُٹھنے لگا تو اس نے مجھے چند منٹ مزید انتظار کرنے کے لیے کہا۔ میں اس اجنبی صورت کو دیکھتا رہا۔ جس کی آنکھوں میں اضطراب تھا۔ جس کے ہونٹ کچھ کہنے کے لیے بے تاب تھے۔ وہ بیڑی پر بیڑی پِیے جارہا تھا۔ اور میرے سامنے والی کرسی پر بیٹھا باربار باہر خلا میں دیکھتا تھا۔ میں ڈاک گاڑی کے انتظار میں ہر ایک ہارن پر کان دھرتا۔ وقت گزارنے کے لیے میں نے اس سے پوچھا۔

’’آپ یہاں کیا کررہے ہیں؟‘‘

’’ہم بیٹھا ہے‘‘

اس نے انتہائی سادگی سے جواب دیا۔

’’نہیں، میرا مطلب ہے یہاں آپ کا کیا کاروبار ہے‘‘

’’کاروبار کچھ نہیں کرتا، کشمیر دیکھنے کا شوق تھا، چلا آیا۔ ‘‘

’’آپ کہاں سے آئے ہیں؟‘‘

’’لاہور سے۔ لیکن میں مشرقی پاکستان کا ہوں، لاہور میں دینیات کی تعلیم پڑھتا ہوں۔ ‘‘

مجھے گفتگو کے دوران میں اس نے بتایا کہ وہ جس ادارے میں زیرِ تعلیم ہے، خیراتی ادارہ ہے، جہاں کے اربابِ اعلیٰ رسید بُک چھاپ کر زیرِ تعلیم کم عمر بچوں کو چندے کی فراہمی کے لیے دوسرے شہروں میں بھیج دیتے ہیں۔ وہ چونکہ کم عمر بچہ نہ تھا۔ اس لیے اس کو بڑی مشکلوں کے بعد

’’سفیر‘‘

بن کر آزاد کشمیر میں چندہ جمع کرنے کی اجازت مل گئی۔ اس کی باتوں میں سادگی تھی۔ محض کشمیر دیکھنے کے شوق میں اس نے

’’سفارت‘‘

حاصل کی تھی۔ اس نے یہ بھی بتا دیا کہ یتیم خانوں کے نام پر

’’بِھک منگوں‘‘

کا نام اداروں نے سفیر رکھا ہے۔ جمع شدہ چندہ ان کی جیبوں میں جاتا ہے اور

’’سفیر‘‘

کا گزارہ چڑھاوے کی دیگوں یا محلے والے کی خیرات پر ہوتا ہے۔ دینیات کی تعلیم مساجد میں دی جاتی ہے۔ مجھے اس کی باتیں سن کربہت دکھ ہوا۔ واقعی وہ ہمدردی کے قابل تھا۔ اس نے مجھے بتایا کہ وہ اس شہر میں نیا ہے اور کسی مسجد کا پتا بھی نہیں جانتا جہاں وہ رات بسر کرسکے۔ میں نے مسجد کا پتا دیا اور اس کے لیے روٹی منگوائی۔ وہ چونکہ بھوکا تھا، اس نے بِلا تکلف بجائے روٹی کے سادہ چا ول کے لیے بیرے سے کہا۔

’’ہم لاہور کی مسجد میں بھی لوگوں کا دیا کھاتے ہیں۔ اس لیے ادھر بھی ہم نے انکار نہیں کیا۔ ‘‘

اس نے انتہائی سادگی سے کہا۔ وہ کھانا کھا چکا تھا۔ مجھ سے اجازت لے کر اس نے جیب سے لکھنے کے لیے پنسل اور کاغذ نکالا۔ اوراپنے گھروالوں کو بنگلہ زبان میں خط لکھنے لگا۔ میں جب تک فرمائشی گانے سنتا رہا۔ خط لکھنے کے بعد اس نے مجھ سے معافی مانگی اور کہا کہ

’’میں نے گھر والوں کو لکھا کہ میں آزاد کشمیر آیا ہوں۔ اب یہیں رہوں گا۔ اگر پاکستان نے ہندوستان کے خلاف جہاد شروع کیا تو میں بھی اس میں حصّہ لوں گا اور کشمیر کو آزاد کراؤں گا۔ ‘‘

میں نے جواب میں ہندی مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی کا ذکر کیا۔ کشمیری مسلمانوں پربھارتی ظلم و استبداد بیان کیا، جس سے وہ اور زیادہ متاثر ہوا۔

’’پھر ہم لاہور واپس نہیں جائے گا۔ کل ان کو بھی خط لکھے گا۔ جہاد شروع ہونے تک ادھر ہی پان بیڑی کی چھابڑی لگائے گا۔ ‘‘

اس نے فیصلہ کن لہجے میں کہا۔ اتنی دیر میں ڈاک گاڑی آئی اور میں وہاں سے اُٹھ کر لاریوں کے اڈے کی طرف گیا۔ اور وہ میرے بتائے ہوئے راستے سے مسجد کی طرف گیا۔ اپنے جوتے ڈرائیور سے لے کر جب میں گھر کی طرف جارہا تھا تو راستے میں سی آئی ڈی کے ہیڈ کانسٹیبل نے مجھے آواز دی جو میرا واقف کار تھا۔ میں نے رسمی طورپر اس کی خیریت پوچھی۔ وہ مشکوک نظروں سے مجھے دیکھ رہا تھا۔ رسمی باتوں کے بعد اس نے مجھے اس

’’کالے آدمی‘‘

کے متعلق پوچھا کہ وہ کون ہے جو آپ کے ساتھ ہوٹل میں بیٹھا تھا۔ میں نے مختصراً کہا۔ بھئی بنگالی ہے، آزاد کشمیر دیکھنے کا شوق تھا۔ چلا آیا۔ نام موج دین ہے اور آج رات جامع مسجد میں گزارنے کے لیے گیا ہے۔

’’لیکن وہ تو ہوٹل میں بیٹھا کچھ عجیب و غریب زبان میں خط لکھ رہا تھا۔ مجھے اس پر کچھ شُبہ بھی ہوا۔ ‘‘

ہیڈ کانسٹیبل نے رازدارانہ لہجہ میں کہا۔ وہ عجیب و غریب زبان نہیں۔ اس کی مادری زبان بنگلہ ہے۔ ہاں تمہارے لیے اجنبی ہے۔ اتنے میں میرا مکان قریب آیا اور میں خدا حافظ کہہ کر گھرچلا گیا۔ مجھے یہ معلوم نہ تھا کہ سی آئی ڈی والوں کو دن کی کارگزاری کی رپورٹ دوسرے روز صبح سویرے دفتر میں دینی پڑتی ہے اور اگر رپورٹ نہ دی گئی تو جواب طلبی ہوتی ہے۔ ہیڈ کانسٹیبل صاحب بھی دن کی کار گزاری میں کچھ نہ کچھ دکھانا چاہتے تھے۔ اس لیے انہوں نے گھر جا کرحکومت کے

’’صدر مقام‘‘

میں ایک غیر ملکی

’’جاسوس‘‘

کی آمد کی رپورٹ اس طرح دی کہ دوسرے روز موج دین، پان فروشی کے لیے چونا کتھا خریدتا ہوا گرفتار کیا گیا۔ پان، چونا، کتھا وغیرہ بھی اس کی جاسوسی کی ایک کڑی بن گئی۔ اور سی آئی ڈی والوں نے مزید رپورٹ دے دی کہ

’’جاسوس‘‘

چونکہ پان کھانے کا عادی ہے، اس لیے یہ سٹاک خرید کر ہماری فوجوں کی پکٹوں کی پوزیشن دیکھنے پہاڑی علاقوں میں جارہا ہے۔ موج دین کا چالان ہوا۔ ڈپٹی کمشنر صاحب بہادر نے الزامات کی سنگینی کے تحت

’’جاسوس‘‘

کو پندرہ دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ جہاں سے وہ سپیشل سٹاف میں منتقل ہوا۔ پندرہ دن کی میعاد گزر جانے پر ڈپٹی کمشنر صاحب نے مزید ایک ہفتے کے ریمانڈ پر اس کو جوڈیشل(سنٹرل جیل) بھیج دیا۔ وہ ہفتہ بھی گزر گیا اور

’’جاسوس‘‘

ہتھکڑیاں پہنے ڈپٹی کمشنر صاحب کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں وہ زار وقطار رویا۔ گڑگڑایا، منت سماجت کی، لیکن ڈپٹی کمشنر صاحب نے مزید ایک ہفتے کا ریمانڈ دے کر سنٹرل جیل بھیج دیا۔ سنٹرل جیل میں اس کی آخری رات تھی جب کہ وہ ایک ستون سے بندھا رو رہا تھا، وہی قاتل قیدی جس نے اس کو دفناتے وقت چھونے سے انکارکیا۔ اس کے قریب آیا اور پوچھا۔

’’جاسوس! تم ہر روز کیوں روتے ہو۔ یہ جگہ باہروالوں کی بہ نسبت بہت اچھی ہے۔ یہاں جھوٹ نہیں، مکر نہیں، بے ایمانی نہیں۔ روٹی ملتی ہے۔ اسکے مقابلے میں باہر دیکھو، کون لوگ ہیں۔ جنہوں نے تم ایسے بے گناہ کو بھی یہاں بھیجا، جو اقتدار کے لیے ایک کا نہیں، ہزاروں کا خون بہاتے ہیں جو دن دیہاڑے ڈاکے ڈالتے ہیں‘ جو اپنی ذات کے لیے وہ کام بھی کرتے ہیں جو شیطان بھی کرنے سیگریز کرتا ہے۔ مجھے دیکھو میں نے قتل کیا ہے محض ایک بے بس عورت کے ناموس کے تحفظ کے لیے۔ بہر حال مجھے تم سے ہمدردی ہے۔ اگر تم باہر جا کر خوش ہو تو خدا تمہیں آزاد کرائے گا۔ ‘‘

موج دین نے قیدی کی باتیں سنیں اور بالکل خاموش بیٹھا رہا۔

’’سُنا ہے بنگالی جادو جانتے ہیں۔ تم بھی جادو کے زور سے باہر جاؤ‘‘

قیدی نے موج دین کو بہلانے کے لیے ازراہِ مذاق کہا۔

’’ہاں، میں اس قید سے رہائی کا جادو جانتا ہوں۔ میں آج ہی یہاں سے بھاگ جاؤں گا، بہت دُور، جہاں سے دنیا کی کوئی طاقت مجھے واپس نہیں لاسکتی۔ ‘‘

اتنے میں کھانے کی گھنٹی بجی۔ قیدی اپنی تھالی لیے دال روٹی لینے گیا۔ آدھ گھنٹے کے بعد اچانک جیل کی گھنٹی بجنی شروع ہوئی اور متواتر بجتی رہی۔ داروغہ جیل کئی وارڈنوں کے ساتھ جیل کے احاطہ میں داخل تھا اور

’’جاسوس‘‘

کے گلے سے رسی کا پھندا کھولا جو اس نے خود کشی کے لیے استعمال کیا تھا۔

’’جاسوس‘‘

بھاگ چکا تھا، اس کو رہائی مل گئی تھی۔

’’بنگال کا جادو‘‘

کام آیا تھا۔ موج دین کی لاش کے اردگرد قیدیوں کا ہجوم تھا۔ داروغہ جیل نے چند ایک قیدیوں کو وہاں ٹھہرنے کا حکم دے دیا اور باقی سارے قیدی بارکوں میں چلے گئے۔ موج دین کے چہرے پر اب بھی مُسکراہٹ تھی۔ وہ اس قانون پر مسکرا رہا تھا جس نے اس کو جاسوس بنا کر محبوس کیا تھا۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

موتری

کانگرس ہاؤس اور جناح ہال سے تھوڑے ہی فاصلے پر ایک پیشاب گاہ ہے جسے بمبئی میں

’’موتری‘‘

کہتے ہیں۔ آس پاس کے محلوں کی ساری غلاظت اس تعفن بھری کوٹھڑی کے باہر ڈھیریوں کی صورت میں پڑی رہتی ہے۔ اس قدر بدبو ہوتی ہے کہ آدمیوں کو ناک پر رومال رکھ کر بازار سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس موتری میں دفعہ اسے مجبوراً جانا پڑا۔ پیشاب کرنے کے لیے ناک پررومال رکھ کر، سانس بند کرکے، وہ بدبوؤں کے اس مسکن میں داخل ہوا فرش پر غلاظت بلبلے بن کر پھٹ رہی تھی۔ دیواروں پر اعضائے تناسل کی مہیب تصویریں بنی تھیں۔ سامنے کوئلے کے ساتھ کسی نے یہ الفاظ لکھے ہوئے تھے:۔

’’مسلمانوں کی بہن کا پاکستان مارا‘‘

ان الفاظ نے بدبو کی شدت اور بھی زیادہ کردی۔ وہ جلدی جلدی باہر نکل آیا۔ جناح ہال اور کانگرس ہاؤس دونوں پر گورنمنٹ کا قبضہ ہے۔ لیکن تھوڑے ہی فاصلے پر جو موتری ہے، اسی طرح آزاد ہے۔ اپنی غلاظتیں اور عفونتیں پھیلانے کے لیے۔ آس پاس کے محلوں کا کوڑا کرکٹ اب کچھ زیادہ ہی ڈھیریوں کی صورت میں باہر پڑا دکھائی دیتا ہے۔ ایک بار پھر اسے مجبوراً اس موتری میں جانا پڑا۔ ظاہر ہے کہ پیشاب کرنے کے لیے۔ ناک پر رومال رکھ کر اور سانس بند کرکے وہ بدبوؤں کے اس گھر میں داخل ہوا۔ فرش پر پتلے پاخانے کی پپڑیاں جم رہی تھیں۔ دیواروں پر انسان کے اولاد پیدا کرنے والے اعضا کی تعداد میں اضافہ ہو گیا تھا۔

’’مسلمان کی بہن کا پاکستان مارا‘‘

کے نیچے کسی نے موٹی پنسل سے یہ گھناؤنے الفاظ تحریر کیے ہوئے تھے۔

’’ہندوؤں کی ماں کا اکھنڈ ہندوستان مارا‘‘

اس تحریر نے موتری کی بدبو میں ایک تیزابی کیفیت پیدا کردی۔ وہ جلدی جلدی باہر نکل آیا۔ مہاتما گاندھی کی غیر مشروط رہائی ہوئی۔ جناح کو پنجاب میں شکست ہوئی۔ جناح ہال اور کانگرس ہاؤس دونوں کو شکست ہوئی نہ رہائی۔ ان پر گورنمنٹ کا اور اس کے تھوڑے ہی فاصلے پر جو موتری ہے اس پر بدبو کا قبضہ جاری رہا۔ آس پاس کے محلوں کا کوڑا کرکٹ اب ایک ڈھیر کی صورت میں باہر پڑا رہتا ہے۔ تیسری بار پھر اسے اس موتری میں جانا پڑا۔ پیشاب کرنے کے لیے نہیں۔ ناک پر رومال رکھ کر اور سانس بند کرکے وہ غلاظتوں کی اس کوٹھڑی میں داخل ہوا۔ فرش پر کیڑے چل رہے تھے۔ دیواروں پر انسان کے شرمناک حصوں کی نقاشی کرنے کے لیے اب کوئی جگہ باقی نہیں رہی تھی۔

’’مسلمانوں کی بہن کا پاکستان مارا‘‘

اور

’’ہندوؤں کی ماں کا اکھنڈ ہندوستان مارا‘‘

کے الفاظ مدھم پڑ گئے تھے۔ مگر ان کے نیچے سفید چاک سے لکھے ہوئے یہ الفاظ ابھر رہے تھے۔

’’دونوں کی ماں کا ہندوستان مارا‘‘

ان الفاظ نے ایک لحظے کے لیے موتری کی بدبو غائب کردی۔ وہ جب آہستہ آہستہ باہر نکلا تو اسے یوں لگا کہ اسے بدبوؤں کے اس گھر میں ایک بے نام سی مہک آئی تھی۔ صرف ایک لحظے کے لیے۔ (سن تصنیف 1945ء)

سعادت حسن منٹو

منظور

جب اسے ہسپتال میں داخل کیا گیا تو اس کی حلات بہت خراب تھی۔ پہلی رات اسے آکسیجن پر رکھا گیا۔ جو نرس ڈیوٹی پر تھی، اس کا خیال تھا کہ یہ نیا مریض صبح سے پہلے پہلے مر جائے گا۔ اس کی نبض کی رفتار غیریقینی تھی۔ کبھی زور زور سے پھڑپھڑاتی اور کبھی لمبے لمبے وقفوں کے بعد چلتی تھی۔ پسینے میں اس کا بدن شرابور تھا، ایک لحظے کے لیے بھی اسے چین نہیں ملتاتھا۔ کبھی اس کروٹ لیٹتا، کبھی اس کروٹ۔ جب گھبراہٹ بہت زیادہ بڑھ جاتی تو اٹھ کر بیٹھ جاتا اور لمبے لمبے سانس لینے لگتا۔ رنگ اس کا ہلدی کی گانٹھ کی طرح زرد تھا۔ آنکھیں اندر دھنسی ہوئیں۔ ناک کا بانسا برف کی ڈلی۔ سارے بدن پررعشہ تھا۔ ساری رات اس نے بڑے شدید کرب میں کاٹی۔ آکسیجن برابر دی جارہی تھی، صبح ہوئی تو اسے کسی قدر افاقہ ہوا اور وہ نڈھال ہو کر سو گیا۔ اس کے دو تین عزیز آئے۔ کچھ دیر بیٹھے رہے اور چلے گئے۔ ڈاکٹروں نے انھیں بتا دیا تھا کہ مریض کو دل کا عارضہ ہے جسے

’’کورونری تھرمبوس‘‘

کہتے ہیں۔ یہ بہت مہلک ہوتا ہے۔ جب وہ اٹھا تو اسے ٹیکے لگا دیے گئے۔ اس کے بدل میں بدستور میٹھا میٹھا درد ہورہا تھا۔ شانوں کے پٹھے اکڑے ہوئے تھے جیسے رات بھر انھیں کوئی کوٹتارہا تھا۔ جسم کی بوٹی بوٹی دکھ رہی تھی مگر نقاہت کے باعث وہ بہت زیادہ تکلیف محسوس نہیں کررہا تھا۔ ویسے اس کو یقین تھا کہ اس کی موت دور نہیں، آج تو نہیں کل ضرور مر جائے گا۔ اس کی عمربتیس کے قریب تھی۔ ان برسوں میں اس نے کوئی راحت نہیں دیکھی تھی جو اس وقت اسے یاد آتی اور اس کی صعوبت میں اضافہ کرتی۔ اس کے ماں باپ اس کو بچپن ہی میں داغ مفارقت دے گئے تھے۔ معلوم نہیں اس کی پرورش کس خاص شخص نے کی تھی۔ بس وہ ایسے ہی ادھر ادھر کی ٹھوکریں کھاتا اس عمر تک پہنچ گیا اور ایک کارخانے میں ملازم ہو کر پچیس روپے ماہوار پر انتہا درجے کی افلاس زدہ زندگی گزار رہا تھا۔ دل میں ٹیسیں نہ اٹھتیں تو وہ اپنی تندرتی اور بیماری میں کوئی نمایاں فرق محسوس نہ کرتا۔ کیونکہ صحت اس کی کبھی بھی اچھی نہیں تھی۔ کوئی نہ کوئی عارضہ اسے ضرور لاحق رہتا تھا۔ شام تک اسے چار ٹیکے لگ چکے تھے۔ آکسیجن ہٹا لی گئی تھی۔ دل کا درد کسی قدر کم تھا، اس لیے وہ ہوش میں تھا اور اپنے گردوپیش کا جائزہ لے سکتا تھا۔ وہ بہت بڑے وارڈ میں تھا جس میں اس کی طرح اور کئی مریض لوہے کی چارپائیوں پر لیٹے تھے۔ نرسیں اپنے کام میں مشغول تھیں۔ اس کے داہنے ہاتھ نو دس برس کا لڑکا کمبل میں لپٹا ہوا اس کی طرف دیکھ رہا تھا، اس کا چہرہ تمتما رہا تھا۔

’’السلام علیکم۔ ‘‘

لڑکے نے بڑے پیار سے کہا۔ نئے مریض نے اس کے پیار بھرے لہجے سے متاثر ہو کر جواب دیا۔

’’وعلیکم السلام۔ ‘‘

لڑکے نے کمبل میں کروٹ بدلی۔

’’بھائی جان! آپ کی طبیعت کیسی ہے؟‘‘

نئے مریض نے اختصار سے کہا۔

’’اللہ کا شکر ہے۔ ‘‘

لڑکے کا چہرہ اور زیادہ تمتما اٹھا۔

’’آپ بہت جلدی ٹھیک ہو جائیں گے۔ آپ کا نام کیا ہے؟‘‘

’’میرا نام!‘‘

نئے مریض نے مسکرا کر لڑکے کی طرف برادرانہ شفقت سے دیکھا۔

’’میرا نام اختر ہے۔ ‘‘

’’میرا نام منظور ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے ایک دم کروٹ بدلی اور اس نرس کو پکارا جو ادھر سے گزر رہی تھی۔

’’آپ۔ آپا جان۔ ‘‘

نرس رک گئی۔ منظور نے ماتھے پر ہاتھ رکھ کر اسے سلام کیا۔ نرس قریب آئی اور اسے پیار کرکے چلی گئی۔ تھوڑی دیر بعد اسسٹنٹ ہاؤس سرجن آیا۔ منظور نے اس کو بھی سلام کیا۔

’’ڈاکٹر جی، السلام علیکم۔ ‘‘

ڈاکٹر سلام کا جواب دے کر اس کے پاس بیٹھ گیا اور دیر تک اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر اس سے باتیں کرتا رہا جو ہسپتال کے بارے میں تھیں۔ منظور کو اپنے وارڈ کے ہر مریض سے دلچسپی تھی۔ اس کو معلوم تھا کس کی حالت اچھی ہے اور کس کی حالت خراب ہے۔ کون آیا ہے، کون گیا ہے۔ سب نرسیں اس کی بہنیں تھی اور سب ڈاکٹر اس کے دوست۔ مریضوں میں کوئی چچا تھا، کوئی ماموں اور کوئی بھائی۔ سب اس سے پیار کرتے تھے۔ اس کی شکل و صورت معمولی تھی۔ مگر اس میں غیر معمولی کشش تھی۔ ہر وقت اس کے چہرے پر تمتماہٹ کھیلتی رہتی جو اس کی معصومیت پر ہالے کا کام دیتی تھی۔ وہ ہر وقت خوش رہتا تھا۔ بہت زیادہ باتونی تھا، مگر اختر کو حالانکہ وہ دل کا مریض تھا اور اس مرض کے باعث بہت چڑچڑا ہو گیا تھا، اس کی یہ عادت کھلتی نہیں تھی۔ چونکہ اس کا بستر اختر کے بستر کے پاس تھا اس لیے وہ تھوڑے تھوڑے وقفوں کے بعد اس سے گفتگو شروع کردیتا تھا جو چھوٹے چھوٹے معصوم جملوں پر مشتمل ہوتی تھی:

’’بھائی جان! آپ کے بھائی بہن ہیں؟‘‘

’’میں اپنے ماں باپ کا اکلوتا لڑکا ہوں۔ ‘‘

’’آپ کے دل میں اب درد تو نہیں ہوتا ہے۔ ‘‘

’’مجھے معلوم نہیں دل کا درد کیسا ہوتا ہے۔ ‘‘

’’آپ ٹھیک ہو جائیں گے۔ دودھ زیادہ پیا کریں!‘‘

’’میں بڑے ڈاکٹر جی سے کہوں، وہ آپ کو مکھن بھی دیا کریں گے۔ ‘‘

بڑا ڈاکٹر بھی اس سے بہت پیار کرتا تھا۔ صبح جب راؤنڈ پر آتا تو کرسی منگا کر اس کے پاس تھوڑی دیر تک ضرور بیٹھتا اور اس کے ساتھ ادھر ادھر کی باتیں کرتا رہتا۔ اس کا باپ درزی تھا۔ دوپہر کو پندرہ بیس منٹ کے لیے آتا۔ سخت افراتفری کے عالم میں اس کے لیے پھل وغیرہ لاتا اور جلدی جلدی اسے کھلا کر اور اس کے سر پر محبت کا ہاتھ پھیر کر چلا جاتا۔ شام کو اس کی ماں آتی اور برقع اوڑھے دیر تک اس کے پاس بیٹھی رہتی۔ اختر نے اسی وقت اس سے دلی رشتہ قائم کرلیا تھا، جب اس نے اس کو سلام کیا تھا۔ اس سے باتیں کرنے کے بعد یہ رشتہ اور بھی مضبوط ہو گیا۔ دوسرے دن رات کی خاموشی میں جب اسے سوچنے کا موقع ملا تو اس نے محسوس کیا۔ اس کو جو افاقہ ہوا ہے، منظور ہی کا معجزہ ہے۔ ڈاکٹر جواب دے چکے تھے۔ وہ صرف چند گھڑیوں کا مہمان تھا۔ منظور نے اس کو بتایا تھا کہ جب اسے بستر پرلٹایا گیا تھا تو اس کی نبض قریب قریب غائب تھی۔ اس نے دل ہی دل میں کئی مرتبہ دعا مانگی تھی کہ خدا اس پر رحم کرے۔ یہ اس کی دعا ہی کا نتیجہ تھا کہ وہ مرتے مرتے بچ گیا۔ لیکن اسے یقین تھا کہ وہ زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہے گا، اس لیے کہ اس کا مرض بہت مہلک تھا۔ بہر حال اب اس کے دل میں اتنی خواہش ضرور پیدا ہو گئی تھی کہ وہ کچھ دن زندہ رہے تاکہ منظورسے اس کا رشتہ فوراً نہ ٹوٹ جائے۔ دو تین روز گزر گئے۔ منظور حسب معمول سارا دن چہکتا رہتا تھا۔ کبھی نرسوں سے باتیں کرتا، کبھی ڈاکٹروں سے، کبھی جمعداروں سے۔ یہ بھی اس کے دوست تھے۔ اختر کو تو یہ محسوس ہوتا تھا کہ وارڈ کی بدبو دار فضا کا ہر ذرہ اس کا دوست تھے۔ وہ جس شے کی طرف دیکھتا تھا، فوراً اس کی دوست بن جاتی تھی۔ دو تین روز گزرنے کے بعد جب اخترکو معلوم ہوا کہ منظور کا نچلا دھڑ مفلوج ہے تو اسے سخت صدمہ پہنچا۔ لیکن اس کو حیرت بھی ہوئی کہ اتنے بڑے نقصان کے باوجود وہ خوش کیونکر رہتا ہے۔ باتیں جب اس کے منہ سے بلبلوں کے مانند نکلتی تھیں تو انھیں سن کر کون کہہ سکتا تھا کہ اس کا نچلا دھڑ گوشت پوست کا بے جان لوتھڑا ہے۔ اختر نے اس سے اس کے فالج کے متعلق کوئی بات نہ کی۔ اس لیے کہ اس سے ایسی بات کے متعلق پوچھنا بہت بڑی حماقت ہوتی، جس سے وہ قطعاً بے خبر معلوم ہوتا تھا۔ لیکن اسے کسی ذریعے سے معلوم ہو گیا کہ منظور ایک دن جب کھیل کود کر واپس آیا تو اس نے ٹھنڈے پانی سے نہا لیا جس کے باعث ایک دم اس کا نچلا دھڑ مفلوج ہو گیا۔ ماں باپ کا اکلوتا لڑکا تھا، انھیں بہت دکھ ہوا۔ شروع شروع میں حکیموں کا علاج کرایا مگرکوئی فائدہ نہ ہوا۔ پھر ٹونے ٹوٹکوں کا سہارا لیا مگر بے سود۔ آخر کسی کے کہنے پر انھوں نے اسے ہسپتال میں داخل کرا دیا تاکہ باقاعدگی سے اس کا علاج ہوتا رہے۔ ڈاکٹر مایوس تھے۔ انھیں معلوم تھا کہ اس کے جسم کا مفلوج حصہ کبھی درست نہ ہو گا مگر پھر بھی اس کے والدین کا جی رکھنے کے لیے وہ اس کا علاج کررہے تھے۔ انھیں حیرت تھی کہ وہ اتنی دیر زندہ کیسے رہا ہے۔ اس لیے کہ اس پر فالج کا حملہ بہت شدید تھا، جس نے اس کے جسم کا نچلا حصہ بالکل ناکارہ کرنے کے سوا اس کے بدن کے بہت سے نازک اعضا جھنجھوڑ کر رکھ دیے تھے۔ وہ اس پر ترس کھاتے تھے اور اس سے پیار کرتے تھے، اس لیے کہ اس نے سدا خوش رہنے کا گر اپنی اس شدید علالت سے سیکھا تھا۔ اس کے معصوم دماغ نے یہ طریقہ خود ایجاد کیا تھا کہ اس کا دکھ دب جائے۔ اختر پرپھر ایک دورہ پڑا۔ یہ پہلے دورے سے کہیں زیادہ تکلیف دہ اور خطرناک تھا مگر اس نے صبر اور تحمل سے کام لیا اور منظور کی مثال سامنے رکھ کر اپنے دکھ درد سے غافل رہنے کی کوشش کی جس میں اسے کامیابی ہوئی، ڈاکٹروں کو اس مرتبہ تو سو فی صدی یقین تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت اسے نہیں بچا سکتی، مگر معجزہ رونما ہوا اور رات کی ڈیوٹی پر متعین نرس نے صبح سویرے اسے دوسری نرسوں کے سپرد کیا تو اس کی گرتی ہوئی نبض سنبھل چکی تھی۔ وہ زندہ تھا۔ موت سے کشتی لڑتے لڑتے نڈھال ہو کر جب وہ سونے لگا تو اس نے نیم مندی ہوئی آنکھوں سے منظور کی دیکھا جو محو خواب تھا۔ اس کا چہرہ دمک رہا تھا۔ اختر نے اپنے کمزور اور نحیف دل میں اس کی پیشانی کو چوما اور سو گیا۔ جب اٹھا تومنظور چہک رہا تھا۔ اسی کے متعلق ایک نرس سے کہہ رہا تھا۔

’’آپا، اختر بھائی جان کو جگاؤ۔ دوا کا وقت ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’سونے دو۔ اسے آرام کی ضرورت ہے۔ ‘‘

’’نہیں۔ وہ بالکل ٹھیک ہے۔ آپ انھیں دوا دیجیے۔ ‘‘

’’اچھا دے دوں گی۔ ‘‘

منظور نے جب اختر کی طرف دیکھا تو اس کی آنکھیں کھلی ہوئی تھیں۔ بہت خوش ہو کربآواز بلند کہا۔

’’السلام علیکم!‘‘

اختر نے نقاہت بھرے لہجے میں جواب دیا۔

’’وعلیکم السلام!‘‘

’’بھائی جان! آپ بہت سوئے۔ ‘‘

’’ہاں۔ شاید۔ ‘‘

’’نرس آپ کے لیے دوا لارہی ہے۔ ‘‘

اختر نے محسوس کیا کہ منظور کی باتیں اس کے نحیف دل کو تقویت پہنچا رہی ہیں۔ تھوڑی دیر کے بعد ہی وہ خود اسی کی طرح چہکنے چہکارنے لگا۔ اس نے منظور سے پوچھا۔

’’اس مرتبہ بھی تم نے میرے لیے دعا مانگی تھی؟‘‘

منظور نے جواب دیا۔

’’نہیں۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

’’میں روز روز دعائیں نہیں مانگا کرتا۔ ایک دفعہ مانگ لی، کافی تھی۔ مجھے معلوم تھا آپ ٹھیک ہو جائیں گے۔ ‘‘

اس کے لہجے میں یقین تھا۔ اختر نے اسے ذرا سا چھیڑنے کے لیے کہا۔

’’تم دوسروں سے کہتے رہتے ہو کہ ٹھیک ہو جاؤ گے، خودکیوں نہیں ٹھیک ہو کر گھر چلے جاتے۔ ‘‘

منظور نے تھوڑی دیر سوچا۔

’’میں بھی ٹھیک ہو جاؤں گا۔ بڑے ڈاکٹر جی کہتے تھے کہ تم ایک مہینے تک چلنے پھرنے لگو گے۔ دیکھیے نا اب میں نیچے اور اوپر کھسک سکتا ہوں۔ ‘‘

اس نے کمبل میں اوپر نیچے کھسکنے کی ناکام کوشش کی۔ اختر نے فوراً کہا۔

’’واہ منظور میاں واہ۔ ایک مہینہ کیا ہے۔ یوں گزر جائے گا۔ ‘‘

منظور نے چٹکی بجائی اور خوش ہو کر ہنسنے لگا۔ ایک مہینے سے زیادہ عرصہ گزر گیا۔ اس دوران میں ا خترپر دل کے دو تین دورے پڑے جو زیادہ شدید نہیں تھے۔ اب اس کی حالت بہتر تھی، نقاہت دور ہورہی تھی۔ اعصاب میں پہلا سا تناؤ بھی نہیں تھا۔ دل کی رفتار ٹھیک تھی۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ اب وہ خطرے سے باہر ہے۔ لیکن ان کا تعجب بدستور قائم تھا کہ وہ بچ کیسے گیا۔ اختر دل ہی دل میں ہنستا تھا۔ اسے معلوم تھا کہ اسے بچانے والا کون ہے۔ وہ کوئی انجکشن نہیں تھا۔ کوئی دوائی ایسی نہیں تھی۔ وہ منظور تھا۔ مفلوج منظور، جس کا نچلا دھڑ بالکل ناکارہ ہو چکا تھا، جسے یہ خوش فہمی تھی کہ اسے کے گوشت پوست کے بے جان لوتھڑے میں زندگی کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔ اختر اور منظور کی دوستی بہت بڑھ گئی تھی۔ منظور کی ذات اس کی نظروں میں مسیحا کا رتبہ رکھتی تھی کہ اس نے اس کو دوبارہ زندگی عطا کی تھی اور اس کے دل و دماغ سے وہ تمام کالے بادل ہٹا دیے تھے جن کے سائے میں وہ اتنی دیر تک گھٹی گھٹی زندگی بسرکرتا رہا تھا۔ اس کی قنوطیت رجائیت میں تبدیل ہو گئی تھی، اسے زندہ رہنے سے دلچسپی ہو گئی تھی۔ وہ چاہتا تھا کہ بالکل ٹھیک ہو کر ہسپتال سے نکلے اور ایک نئی صحت مند زندگی بسر کرنی شروع کردے۔ اسے بڑی الجھن ہوتی تھی جب وہ دیکھتا تھا کہ منظور ویسے کا ویسا ہے۔ اس کے جسم کے مفلوج حصے پر ہر روز مالش ہوتی تھی۔ جوں جوں وقت گزرتا تھا، اس کی خوش رہنے والی طبیعت شگفتہ شگفتہ تر ہورہی تھی۔ یہ بات حیرت اور الجھن کا باعث تھی۔ ایک دن بڑے ڈاکٹر نے منظور کے باپ سے کہا کہ اب وہ اسے گھر لے جائے کیوں کہ اس کا علاج نہیں ہوسکتا۔ منظور کو صرف اتنا پتہ چلا کہ اب اس کا علاج ہسپتال کے بجائے گھر پر ہو گا اور بہت ٹھیک ہو جائے گا، مگر اسے سخت صدمہ پہنچا۔ وہ گھر جانا نہیں چاہتا تھا۔ اختر نے جب اس سے پوچھا کہ وہ ہسپتال میں کیوں رہنا چاہتا ہے تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

’’وہاں اکیلا رہوں گا۔ ابا دکان پر جاتا ہے، ماں ہمسائی کے ہاں جا کر کپڑے سیتی ہے، میں وہاں کس سے کھیلا کروں گا، کس سے باتیں کروں گا۔ ‘‘

اختر نے بڑے پیار سے کہا۔

’’تم اچھے جو ہو جاؤ گے منظور میاں۔ چند دن کی بات ہے پھر تم باہر اپنے دوستوں سے کھیلا کرنا۔ اسکول جایا کرنا۔ ‘‘

‘‘

نہیں نہیں۔ ‘‘

منظور نے کمبل سے اپنا سدا تمتمانے والا چہرہ ڈھانپ کر رونا شروع کردیا۔ اختر کو بہت دکھ ہوا۔ دیر تک وہ اسے چمکارتا پچکارتا رہا۔ آخر اس کی آواز گلے میں رندھ گئی اور اس نے کروٹ بدل لی۔ شام کو ہاؤس سرجن نے اختر کو بتایا کہ بڑے ڈاکٹر نے اس کی ریلیز کا آرڈر دے دیا ہے۔ وہ صبح جا سکتا ہے۔ منظور نے سنا تو بہت خوش ہوا۔ اس نے اتنی باتیں کیں، اتنی باتیں کیں کہ تھک گیا۔ ہر نرس کو، ہر اسٹوڈنٹ کو، ہر جمعدارکو اس نے بتایا کہ بھائی جان اختر جارہے ہیں۔ رات کو بھی وہ اختر سے دیر تک خوشی سے بھرپور ننھی ننھی معصوم باتیں کرتا رہا۔ آخر سو گیا۔ اختر جاگتا رہا اور سوچتا رہا کہ منظور کب تک ٹھیک ہو گا۔ کیا دنیا میں کوئی ایسی دوا موجود نہیں جو اس پیارے بچے کو تندرست کردے۔ اس نے اس کی صحت کے لیے صدق دل سے دعائیں مانگیں مگر اسے یقین تھا کہ یہ قبول نہیں ہوں گی، اس لیے کہ اس کا دل منظور کا سا پاک دل کیسے ہو سکتا تھا۔ منظور اور اسکی جدائی کے بارے میں سوچتے ہوئے اسے بہت دکھ ہوتا تھا۔ اسے یقین نہیں آتا تھا کہ صبح اس کو وہ چھوڑ کر چلا جائے گا اور اپنی نئی زندگی تعمیر کرنے میں مصروف ہو کر اسے اپنے دل و دماغ سے محو کردے گا۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ وہ منظور کی

’’السلام علیکم‘‘

سننے سے پہلے ہی مر جاتا۔ یہ نئی زندگی جو اس کی عطا کردہ تھی، وہ کس منہ سے اٹھا کر ہسپتال سے باہر لے جائے گا۔ سوچتے سوچتے اختر سو گیا۔ صبح دیر سے اٹھا۔ نرسیں وارڈ میں ادھر ادھر تیزی سے چل پھر رہی تھیں۔ کروٹ بدل کر اس نے منظور کی چارپائی کی طرف دیکھا۔ اس پر اس کی بجائے ایک بوڑھا، ہڈیوں کا ڈھانچہ، لیٹا ہوا تھا۔ ایک لحظے کے لیے اختر پر سناٹا سا طاری ہو گیا۔ ایک نرس پاس سے گزر رہی تھی، اس سے اس نے قریب قریب چلا کر پوچھا۔

’’منظور کہاں ہے۔ ‘‘

نرس رکی۔ تھوڑی دیر خاموش رہنے کے بعد اس نے بڑے افسوسناک لہجے میں جواب دیا۔

’’بیچارہ! صبح ساڑھے پانچ بجے مر گیا۔ ‘‘

یہ سن کر اختر کو اس قدر صدمہ پہنچا کہ اس کا دل بیٹھنے لگا۔ اس نے سمجھا کہ یہ آخری دورہ ہے۔ مگر اس کا خیال غلط ثابت ہوا۔ وہ ٹھیک ٹھاک تھا۔ تھوڑی دیر کے بعد ہی اسے ہسپتال سے رخصت ہونا پڑا۔ کیونکہ اس کی جگہ لینے والا مریض داخل کرلیا گیا تھا۔

سعادت حسن منٹو

منتر

ننھا رام۔ ننھا تو تھا، لیکن شرارتوں کے لحاظ سے بہت بڑا تھا۔ چہرے سے بے حد بھولا بھالا معلوم ہوتا تھا۔ کوئی خط یا نقش ایسا نہیں تھا جو شوخی کا پتہ دے۔ اس کے جسم کا ہر عضو بھدے پن کی حد حد تک موٹا تھا۔ جب چلتا تھا تو ایسا معلوم ہوتا تھاکہ فٹ بال لڑھک رہا۔ عمر بمشکل آٹھ برس کی ہو گی۔ مگر بلا کا ذہین اور چالاک تھا۔ لیکن اس کی ذہانت اور چالاکی کا پتا اس کے سراپا سے لگانا بہت مشکل تھا۔ مسٹر شنکر آچاریہ ایم اے، ایل ایل بی۔ رام کے پتا کہا کرتے تھے کہ

’’منہ میں رام رام اور بغل میں چُھری‘‘

والی مثال اس رام ہی کے لیے بنائی گئی ہے۔ رام کے منہ سے رام رام تو کسی نے سنا نہیں تھا۔ مگر اس کی بغل میں چھری کی بجائے ایک چھوٹی سی چھڑی ضرور ہوا کرتی تھی۔ جس سے وہ کبھی کبھی ڈگلس فیئر بینکس یعنی بغدادی چور کی تیغ زنی کی نقل کیا کرتا تھا۔ جب رام کی ماں یعنی مسز شنکر آچاریہ اس کے کان سے پکڑ کر اس کے باپ کے سامنے لائیں تو وہ بالکل خاموش تھا۔ آنکھیں خشک تھیں۔ اس کا ایک کان جو اس کی ماں کے ہاتھ میں تھا۔ دوسرے کان سے بڑا معلوم ہورہا تھا۔ وہ مسکرا رہا تھا۔ مگر اس کے چہرے سے پتہ چلتا تھا کہ وہ اپنی ماں سے کھیل رہا ہے اور اپنے کان کو ماں کے ہاتھ میں دے کر ایک خاص قسم کا لطف اٹھا رہا ہے جس کو دوسروں پر ظاہر کرنا نہیں چاہتا۔ جب رام مسٹر شنکر آچاریہ کے سامنے لایا گیا تو وہ آرام سے کرسی پر جم کر بیٹھ گئے کہ اس نالائق کے کان کھینچیں حالانکہ وہ اس کے کان کھینچ کھینچ کر کافی سے زیادہ لمبے کر چکے تھے اور اس کی شرارتوں میں کوئی فرق نہ آنے پایا تھا۔ وہ عدالت میں قانون کے زور پر بہت کچھ کرلیتے تھے۔ مگر یہاں اس چھوٹے سے لونڈے کے سامنے ان کی کوئی پیش نہ چلتی تھی۔ ایک مرتبہ مسٹر رام شنکر اچاریہ نے کسی شرارت پر اس کو پرمیشور کے نام سے ڈرانے کی کوشش کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا۔

’’دیکھ رام، تو اچھا لڑکا بن جا، ورنہ مجھے ڈر ہے پرمیشور تجھ سے خفا ہو جائیں گے۔ ‘‘

رام نے جواب دیا تھا۔

’’آپ بھی تو خفا ہو جایا کرتے ہیں اور میں آپ کو منا لیا کرتا ہوں۔ ‘‘

اور پھرتھوڑی دیرسوچنے کے بعد اس نے یہ پوچھا تھا

’’بابو جی یہ پرمیشور کون ہیں‘‘

مسٹر شنکر اچاریہ نے اسے سمجھانے کے لیے جواب دیا تھا۔

’’بھگوان اور کون۔ ہم سب سے بڑے۔ ‘‘

’’اس مکان جتنے۔ ‘‘

’’اس سے بھی بڑے۔ دیکھو اب تو کوئی شرارت نہکیجیو، ورنہ وہ تجھے مار ڈالیں گے!‘‘

مسٹر شنکر اچاریہ نے اپنے بیٹے پر ہیبت طاری کرنے کے لیے پرمیشور کو اس سے زیادہ ڈراؤنی شکل میں پیش کرنے کے بعد یہ خیال کر لیا تھا کہ اب رام سدھر جائے گا اور کبھی شرارت نہ کرے گا۔ مگر رام جو اس وقت خاموش بیٹھا تھا، اپنے ذہن کے ترازو میں پرمیشور کو تول رہا تھا۔ کچھ دیر غور کرنے کے بعد جب اس نے بڑے بھولے پن سے کہا تھا۔

’’بابو جی۔ آپ مجھے پرمیشور دکھا دیجیے۔ ‘‘

تو مسٹر راما شنکر اچاریہ کی ساری قانون دانی اور وکالت دھری کی دھری رہ گئی تھی۔ کسی مقدمے کا حوالہ دینا ہوتا تووہ اس فائل کو نکال کر دکھا دیتے یا اگر کوئی تعزیرات ہند کی کسی دفعہ کے متعلق سوال کرتا تووہ اپنی میز پر سے وہ موٹی کتاب اٹھا کر کھولنا شروع کردیتے جس کی جلد پر ان کے اس لڑکے نے چاؤ سے بیل بوٹے بنا رکھے تھے مگر پرمیشور کو پکڑ کر کہاں سے لاتے جس کے متعلق انھیں خود اچھی طرح معلوم نہیں تھا کہ وہ کیا ہے، کہاں رہتا ہے اور کیا کرتا ہے۔ جس طرح ان کو یہ معلوم تھا کہ دفعہ379 چوری کے فعل پر عائد ہوتی ہے۔ اسی طرح ان کو یہ بھی معلوم تھا کہ مارنے اور پیدا کرنے والے کو پرمیشور کہتے ہیں اور جس طرح ان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ جس کے قانون بنے ہوئے ہیں۔ اس کی اصلیت کیا ہے ٹھیک اسی طرح ان کو پرمیشور کی اصلیت معلوم نہ تھی۔ وہ ایم، اے، ایل، ایل، بی تھے۔ مگر یہ ڈگری انھوں نے نئی الجھنوں میں پھنسنے کے لیے نہیں بلکہ دولت کمانے کیلیے حاصل کی تھی۔ وہ رام کو پرمیشور نہ دکھا سکے اور نہ اس کو کوئی معقول جواب ہی دے سکے۔ اس لیے کہ یہ سوال ان سے اس طرح اچانک طور پر کیا گیا تھا کہ ان کا دل پریشان ہو گیا تھا۔ وہ صرف اس قدر کہہ سکے تھے۔

’’جارام، جا، میرا دماغ نہ چاٹ، مجھے بہت کام کرنا ہے۔ ‘‘

اس وقت انھیں کام واقعی بہت کرنا تھا مگر وہ پرانی شکستوں کا بھول کر فوراً ہی اس نئے مقدمے کا فیصلہ کردینا چاہتے تھے۔ انھوں نے رام کی طرف خشم آلود نگاہوں سے دیکھ کراپنی دھرم پتنی سے کہا۔

’’آج اس نے کونسی نئی شرارت کی ہے۔ مجھے جلدی بتاؤ، میں آج اسے ڈبل سزا دوں گا۔ ‘‘

مسز اچاریہ نے رام کا کان چھوڑ دیا اور کہا کہ

’’اس موئے نے تو زندگی وبال کررکھی ہے جب دیکھو ناچنا، تھرکنا، کودنا۔ نہ آئے کی شرم نہ گئے کا لحا٭۔ صبح سے مجھے ستا رہا ہے۔ کئی بار پیٹ چکی ہوں مگریہ اپنی شرارتوں سے باز ہی نہیں آتا۔ نعمت خانے میں سے دو کچے ٹماٹر نکال کر کھا گیا ہے۔ اب میں سلاد میں اس کا سر ڈالوں‘‘

یہ سن کر مسٹر شنکر اچاریہ کو ایک دھکا سا لگا۔ وہ خیال کررہے تھے کہ رام کے خلاف کوئی سنگین الزام ہو گا۔ مگر یہ سن کر کہ اس نے نعمت خانے سے صرف دو کچے ٹماٹر نکال کرکھائے ہیں انھیں سخت ناامیدی ہوئی۔ رام کو جھڑکنے اور کوسنے کے لیے ان کی سب تیاری ایکا ایکی سرد پڑ گئی۔ ان کو ایسا محسوس ہوا کہ اُن کا سینہ ایک دم خالی ہو گیا۔ جیسے ایک دفعہ ان کے موٹر کے پہیے کی ساری ہوا نکل گئی تھی۔ کچے ٹماٹر کھانا کوئی جرم نہیں، اس کے علاوہ ابھی کل ہی مسٹر شنکر اچاریہ کے ایک دوست نے جوجرمنی سے طب کی سند لے آئے تھے ان سے کہا تھا کہ اپنے بچوں کو کھانے کے ساتھ کچے ٹماٹر ضرور دیا کیجیے۔ کیونکہ ان میں کثرت سے وٹامنز ہیں مگر اب چونکہ وہ رام کو ڈانٹ ڈپٹ کرنے کے لیے تیار ہو گئے تھے اور ان کی بیوی کی بھی یہی خواہش تھی۔ اس لیے انھوں نے تھوڑی غور کرنے کے بعد ایک قانونی نکتہ سوچا اور اس انکشاف پر دل ہی دل میں خوش ہو کر اپنے بیٹے سے کہا۔

’’میرے نزدیک آؤ اور جوکچھ میں تجھ سے پوچھوں سچ سچ بتا۔ ‘‘

مسز راما شنکر اچاریہ چلی گئیں اور رام خاموشی سے اپنے باپ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے پوچھا۔

’’تو نے نعمت خانے سے دو کچے ٹماٹر نکال کر کیوں کھائے۔ ‘‘

رام نے جواب دیا۔

’’دو کہاں تھے۔ ماتا جی جھوٹ بولتی ہیں۔ ‘‘

’’تو ہی بتا کتنے تھے؟‘‘

’’ڈیڑھ۔ ایک اور آدھا۔ ‘‘

رام نے یہ الفاظ انگلیوں سے آدھے کا نشان بنا کر ادا کیے۔ دوسرے آدھے سے ماتا جی نے دوپہر کو چٹنی بنائی تھی۔ ‘‘

’’چلو ڈیڑھ ہی سہی، پر تو نے یہ وہاں سے اٹھائے کیوں؟‘‘

رام نے جواب دیا۔

’’کھانے کے لیے۔ ‘‘

’’ٹھیک ہے، مگر تو نے چوری کی۔ ‘‘

مسٹر شنکر اچاریہ نے قانونی نکتہ کو پیش کیا۔

’’چوری!۔ بابو جی میں نے چوری نہیں کی۔ ٹماٹر کھائے ہیں۔ مگر یہ چوری کیسے ہوئی۔ ‘‘

یہ کہتا ہوا رام فرش پربیٹھ گیا۔ اور غور سے انپے باپ کی طرف دیکھنے لگا۔

’’یہ چوری تھی۔ دوسرے کی چیز کو اس کی اجازت کے بغیر اٹھالیناچوری ہوتی ہے‘‘

مسٹر شنکر اچاریہ نے یوں اپنے بچے کو سمجھایا اور خیال کیا کہ وہ ان کا مفہوم اچھی طرح سمجھ گیا ہے۔ رام نے فوراً کہا۔

’’مگر ٹماٹر تو ہمارے اپنے تھے۔ میری ماتا جی کے۔ ‘‘

مسٹرراما شنکر اچاریہ سٹپٹا گئے۔ مگر فوراً اپنا مطلب واضح کرنے کی کوشش کی،

’’تیری ماتا جی کے تھے، ٹھیک ہے، پر وہ تیرے تو نہیں ہوئے، جو چیز ان کی ہے وہ تیری کیسے ہوسکتی ہے۔ دیکھ سامنے میز پر جو تیرا کھلونا ہے پڑا ہے، اٹھا لا، میں تجھے اچھی طرح سمجھاتا ہوں۔ ‘‘

رام اٹھا اور دوڑ کر لکڑی کا گھوڑا اٹھالایا اور اپنے باپ کے ہاتھ میں دے دیا۔

’’یہ لیجیے۔ ‘‘

مسٹر راما شنکر اچاریہ بولے۔

’’ہاں تو دیکھ، یہ گھوڑا تیرا ہے نا؟‘‘

’’جی ہاں۔ ‘‘

’’اب اگر میں اسے تیری اجازت کے بغیر اٹھا کراپنے پاس رکھ لوں۔ تو یہ چوری ہو گی۔ ‘‘

پھر مسٹر راما شنکر نے مزید وضاحت سے کام لیتے ہوئے کہا۔

’’اور میں چور۔ ‘‘

’’نہیں پتا جی، آپ اسے اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔ میں آپ کو چور نہیں کہوں گا۔ میرے پاس کھیلنے کے لیے ہاتھی جو ہے۔ کیا آپ نے ابھی تک دیکھا نہیں ہے۔ کل ہی منشی دادا نے لا کے دیا ہے۔ ٹھہریے، میں ابھی آپ کو دکھاتا ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ وہ تالیاں بجاتا ہوا دوسرے کمرے میں چلا گیا۔ اور مسٹر راما شنکر اچاریہ آنکھیں جھپکتے رہ گئے۔ دوسرے روز مسٹر راما شنکر اچاریہ کو ایک خاص کام سے پونا جانا پڑا، اُن کی بڑی بہن وہیں رہتی تھی۔ ایک عرصے سے وہ چھوٹے رام کو دیکھنے کیلیے بے قرار تھی چنانچہ ایک پنتھ دو کاج کے پیش نظر مسٹر راما شنکر اچاریہ اپنے بیٹے کو بھی ساتھ لے گئے مگر اس شرط پر کہ وہ راستے میں کوئی۔ شرارت نہ کرے گا۔ ننھا رام اس شرط پر بوری بند اسٹیفن کے پلیٹ فارم تک قائم رہ سکا۔ ادھر دکن کوئین چلی اور ادھر رام کے ننھے سے سینے میں شرارتیں مچلنا شروع ہو گئیں۔ مسٹرراما شنکر اچاریہ سیکنڈ کلاس کمپارٹمنٹ کی چوڑی سیٹ پر بیٹھے اپنے ساتھ والے مسافر کا اخبار پڑھ رہے تھے اور سیٹ کے آخری حصے پر رام کھڑکی میں سے باہر جھانک رہا اور ہوا کا دباؤ دیکھ کر یہ سوچ رہا تھا کہ اگر وہ اسے لے اڑے تو کتنا مزہ آئے۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے اپنی عینک کے گوشوں سے رام کی طرف دیکھا اور اس کو بازو سے پکڑ کر نیچے بٹھا دیا۔ تو چین بھی لینے دے گا یا نہیں۔ رام آرام سے بیٹھ جا کہتے ہوئے ان کی نظررام کی نئی ٹوپی پر پڑی۔ جو اس کے سر پر چمک رہی تھی۔

’’اسے اتار کر رکھ نالائق، ہوا سے اڑ جائے گی۔ ‘‘

انھوں نے رام کے سر پرسے ٹوپی اتار کر اس کی گود میں رکھ دی۔ مگر تھوڑی کے بعد ٹوپی، پھر رام کے سر پر تھی۔ اور وہ کھڑکی سے باہر سر نکالے دوڑتے ہوئے درختوں کو غور سے دیکھ رہا تھا۔ درختوں کی بھاگ دوڑ رام کے ذہن میں آنکھ مچولی کے دلچسپ کھیل کا نقشہ کھینچ رہی تھی۔ ہوا کے جھونکے سے اخبار دوہرا ہو گیا۔ اور ماسٹر راما شنکر اچاریہ نے اپنے بیٹیکے سر کو پھر کھڑکی سے باہر پایا، غصے میں انھوں نے اس کا بازہ کھینچ کر اپنے پاس بٹھا لیا اور کہا کہ اگر تو یہاں سے ایک انچ بھی ہلا تو تیری خیر نہیں۔ یہ کہہ کر انھوں نے ٹوپی اتار کراس کی ٹانگوں میں رکھ دی۔ اس کام سے فارغ ہو کرا نہوں نے اخبار اٹھایا اور وہ ابھی اس میں وہ سطر ہی ڈھونڈ رہے تھے جہاں سے انھوں نے پڑھنا چھوڑا تھا کہ رام نے کھڑکی کے پاس سرک کر باہر جھانکنا شروع کردیا۔ ٹوپی اس کے سرپر تھی۔ یہ دیکھ کر مسٹر شنکر اچاریہ کو سخت غصہ آیا۔ ان کا ہاتھ بھوکی چیل کی طرح ٹوپی کی طرف بڑھا اور چشم زدن میں وہ ان کی سیٹ کے نیچے تھی۔ یہ سب کچھ اس قدر تیزی سے ہوا کہ رام کو سمجھنے کا موقع ہی نہ ملا۔ مڑ کر اس نے اپنے باپ کی طرف دیکھا مگر ان کے ہاتھ خالی نظر آئے۔ اسی پریشانی میں اس نے کھڑکی سے باہر جھانک کر دیکھا تو اسے ریل کی پٹڑی پر بہت پیچھے ایک خالی کاغذ کا ٹکڑا اڑتا نظر آیا۔ اس نے خیال کیا کہ یہ میری ٹوپی ہے۔ اس خیال کے آتے ہی اس کے دل کو ایک دھکا سا لگا۔ باپ کی طرف ملامت بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے اس نے کہا۔

’’بابو جی۔ میری ٹوپی!‘‘

مسٹر شنکر اچاریہ خاموش رہے۔

’’ہائے میری ٹوپی۔ ‘‘

رام کی آواز بلند ہوئی۔ مسٹر شنکر اچاریہ کچھ نہ بولے۔ رام نے رونی آواز میں کہا: میری ٹوپی! اور اپنے باپ کا ہاتھ پکڑ لیا۔ مسٹرراما شنکر اچاریہ نے اس کا ہاتھ جھٹک کرکہا۔

’’گرا دی ہو گی تو نے۔ اب روتا کیوں ہے؟‘‘

اس پررام کی آنکھوں میں دو موٹے موٹے آنسو تیرنے لگے۔

’’پر دھکا تو آپ نے ہی دیا تھا۔ ‘‘

اس نے اتنا کہا اور رونے لگا۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے ذرا ڈانٹ پلائی تو رام نے اور زیادہ رونا شروع کردیا۔ انھوں نے اسے چُپ کرانے کی بہت کوشش کی۔ مگر کامیاب نہ ہوئے۔ رام کا رونا صرف ٹوپی ہی بند کراسکتی تھی۔ چنانچہ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے تھک ہار کر اس سے کہا۔

’’ٹوپی واپس آجائے گی، مگر شرط یہ ہے کہ تو اسے پہنے گا نہیں!‘‘

رام کی آنکھوں میں آنسو فوراً خشک ہو گئے۔ جیسے تپتی ہوئی ریت میں بارش کے قطرے جذب ہو جائیں۔ سرک کر آگے بڑھ آیا۔

’’اسے واپس لادیجیے۔ ‘‘

مسٹر راما شنکر اچاریہ نے کہا۔

’’ایسے تھوڑی واپس آجائے گی۔ منتر پڑھنا پڑے گا۔ ‘‘

کمپارٹمنٹ میں سب مسافر باپ بیٹے کی گفتگو سن رہے تھے۔

’’منتر۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے رام کو فوراً وہ قصہ یاد آگیا جس میں ایک لڑکے نے منتر کے ذریعے سے دوسروں کی چیزیں غائب کرنا شروع کردی تھیں۔

’’پڑھیے پتا جی‘‘

یہ کہہ کروہ خوب غورسے اپنے باپ کی طرف دیکھنے لگا۔ گویا منتر پڑھتے وقت مسٹر راما شنکر اچاریہ کے گنجے سر پر سینگ اُگ آئیں گے۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے اس منتر کے بول یاد کرتے ہوئے جو انھوں نے بچپن میں

’’اندر جال مکمل‘‘

سے زبانی یاد کیا تھا کہا۔

’’تو پھر شرارت تو نہ کرے گا؟‘‘

’’نہیں بابو جی۔ ‘‘

رام نے جو منتر کی گہرائیوں میں ڈوب رہا تھا۔ اپنے باپ سے شرارت نہ کرنے کا وعدہ کرلیا۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ کو منتر کے بول یاد آگئے اور انھوں نے دل ہی دل میں اپنے حافظے کی داد دے کر اپنے لڑکے سے کہا۔

’’لے اب تو آنکھیں بند کرلے۔ ‘‘

رام نے آنکھیں بند کرلیں اورمسٹر راما شنکر اچاریہ نے منتر پڑھنا شروع کیا۔

’’اونگ ناکام میشری، مدمدیش اوتمارے بھرنیگ پر سواہ‘‘

مسٹر راما شنکر اچاریہ کا ایک ہاتھ سیٹ کے نیچے آگیا اور

’’سواہ‘‘

کے ساتھ ہی رام کی ٹوپی اسکی گدگدی رانوں پر آگری۔ رام نے آنکھیں کھول دیں۔ ٹوپی اس کی چپٹی ناک کے نیچے پڑی تھی۔ اور مسٹر راما شنکر اچاریہ کی نکیلی ناک کا بانسہ عینک کی سنہری گرفت کے نیچے تھرتھرا رہا تھا۔ عدالت میں مقدمہ جیتنے کے بعد ان پر یہی کیفیت طاری ہوا کرتی تھی۔

’’ٹوپی آگئی۔ ‘‘

رام نے صرف اس قدر کہا، اور چپ ہورہا اور مسٹر راما شنکر اچاریہ رام کو خاموش بیٹھنے کا حکم دے کر اخبار پڑھنے میں مصروف ہو گئے۔ ایک خبر کافی دلچسپ اور اخباری زبان میں بے حد سنسنی خیز تھی۔ چنانچہ وہ منتر وغیرہ سب کچھ بھول کر اس میں ڈوب گئے۔ دکن کوئین بجلی کے پروں پر پوری تیزی سے اڑ رہی تھی۔ اس کے آہنی پہیوں کی یک آہنگ گڑگڑاہٹ اخبار کی سنسنی پیدا کرنے والے خبر کی ہر سطر کو بڑی سنسنی خیز بنا رہی تھی۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ یہ سطر پڑھ رہے تھے:

’’عدالت پر سناٹا چھایا ہوا تھا۔ صرف ٹائپ رائٹر کی ٹک ٹک سنائی دیتی تھی۔ ملزم ایکا ایکی چلایا۔ بابو جی!۔ ‘‘

عین اس وقت رام نے اپنے باپ کو زور سے آواز دی۔

’’بابو جی!‘‘

۔ مسٹرراما شنکر اچاریہ کو یوں معلوم ہوا کہ زیر نظر سطر کے آخری الفاظ کاغذ پر اچھل پڑے۔ رام کے تھرتھراتے ہوئے ہونٹ بتا رہے تھے کہ وہ کچھ کہنا چاہتا ہے۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ نے ذرا تیزی سے کہا:

’’کیا ہے؟‘‘

اور عینک کے ایک گوشے میں سے ٹوپی کو سیٹ پر پڑا دیکھ کر اطمینان کرلیا۔ رام آگے سرک آیا اور کہنے لگا

’’بابو جی! وہی منتر پڑھیے!‘‘

’’کیوں!‘‘

یہ کہتے ہوئے مسٹرراما شنکر اچاریہ نے رام کی ٹوپی کی طرف غور سے دیکھا۔ جو سیٹ کے کونے میں پڑی تھی۔

’’آپ کے کاغذ جو یہاں پڑے تھے، میں نے باہرپھینک دیے ہیں۔ ‘‘

رام نے اس کے آگے کچھ اور بھی کہا۔ مگر مسٹر راما شنکر اچاریہ کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا سا چھا گیا۔ بجلی کی سرعت کے ساتھ اٹھ کر انھوں نے کھڑکی میں سے باہر جھانک کر دیکھا۔ مگر ریل کی پٹڑی کے ساتھ تتلیوں کی طرح پھڑپھڑاتے ہوئے کاغذوں کے پرزوں کے سوا کچھ نظر نہ آیا۔

’’تو نے وہ کاغذ پھینک دیے ہیں جو یہاں پڑے تھے؟‘‘

انھوں نے اپنے داہنے ہاتھ سے سیٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ رام نے اثبات میں سر ہلاک دیا۔

’’آپ وہی منتر پڑھیے نا!‘‘

مسٹر راما شنکر اچاریہ کو ایسا کوئی منتر یاد نہ تھا۔ جو سچ مچ کی کھوئی ہوئی چیزوں واپس لاسکے۔ وہ سخت پریشان تھے۔ وہ کاغذات جو ان کے بیٹے نے پھینک دیے تھے یہ ایک نئے مقدمے کی نقل تھی۔ جس میں چالیس ہزار کی مالیت کے قانونی کاغذات پڑے تھے۔ مسٹر راما شنکر اچاریہ ایم، اے، ایل، ایل، بی کی بازی ان کی اپنی چال ہی سے مات ہو گئی تھی۔ ایک لمحے کے اندر اندر ان کو قانونی کاغذات کے بارے میں سینکڑوں خیالات آئے۔ ظاہر ہے کہ مسٹرراما شنکر اچاریہ کے مؤکل کا نقصان ان کا اپنا نقصان تھا۔ مگر اب وہ کیا کرسکتے تھے۔ صرف یہ کہ اگلے اسٹیشن پر اتر کر ریل کی پٹڑی کے ساتھ ساتھ چلنا شروع کردیں اور وہیں پندرہ میل تک ان کاغذوں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہیں۔ ملیں نہ ملیں ان کی قسمت۔ ایک لمحے کے اندر اندر سینکڑوں باتیں سوچنے کے بعد بالآخر انھوں نے اپنے دل میں فیصلہ کرلیا کہ اگر تلاش پر کاغذات نہ ملے تو وہ موکل کے سامنے سرے سے انکار ہی کردیں گے کہ اُس نے ان کو کبھی کاغذات دیے تھے۔ اخلاقی اور قانونی طور پر سراسر ناجائز تھا مگر اس کے علاوہ اور ہو بھی کیا سکتا تھا۔ اس تسلی بخش خیال کے باوجود مسٹرراما شنکر اچاریہ کے حلق میں تلخی سی پیدا ہورہی تھی۔ ایکا ایکی ان کے دل میں آئی کہ کاغذوں کی طرح وہ رام کو بھی اٹھا کرگاڑی سے باہر پھینک دیں۔ مگر اس خواہش کو سینے ہی میں دبا کر انھوں نے اس کی طرف دیکھا۔ اس کے ہونٹوں پر ایک عجیب وغریب سا تبسم منجمد ہورہا تھا۔

’’اس نے ہولے سے کہا۔ بابو جی، منتر پڑھیے۔ ‘‘

’’چپ چاپ بیٹھا رہ ورنہ یاد رکھ گلا گھونٹ دوں گا‘‘

۔ مسٹر شنکر اچاریہ بِھنّا گئے۔ اس مسافر کے لبوں پر جو غور سے باپ بیٹے کی گفتگو سن رہا تھا۔ ایک معنی خیز مسکراہٹ ناچ رہی تھی۔ رام آگے سرک آیا۔

’’بابو جی! آپ آنکھیں بند کرلیجیے۔ میں منتر پڑھتا ہوں۔ ‘‘

مسٹر راما شنکر اچاریہ نے آنکھیں بند نہ کیں۔ لیکن رام نے منتر پڑھنا شروع کیا۔

’’اونک میانگ شیانک۔ لومداگا۔ فرودما۔ سواہا‘‘

اور سواہا کے ساتھ ہی مسٹرراما شنکر اچاریہ کی گوشت بھری ران پر ایک پلندہ آگرا۔ ان کی ناک کا پانسہ عینک کی سنہری گرفت کے نیچے زور سے کانپا۔ رام کی چپٹی ناک کے گول اور لال نتھنے بھی کانپ رہے تھے۔

سعادت حسن منٹو

ممّی

نام اس کا مسز سٹیلا جیکسن تھا مگر سب اسے ممی کہتے تھے۔ درمیانے قد کی ادھیڑ عمر کی عورت تھی۔ اس کا خاوند جیکسن پچھلی سے پچھلی جنگ عظیم میں مارا گیا تھا اس کی پنشن سٹیلا کو قریب قریب دس برس سے مل رہی تھی۔ وہ پونہ میں کیسے آئی۔ کب سے وہاں تھی۔ اس کے متعلق مجھے کچھ معلوم نہیں۔ دراصل میں نے اس کے محل وقوع کے متعلق کبھی جاننے کی کوشش ہی نہیں کی تھی۔ وہ اتنی دلچسپ عورت تھی کہ اس سے مل کر سوائے اس کی ذات سے اور کسی چیز سے دلچسپی نہیں رہتی تھی۔ اس سے کون کون وابستہ ہے۔ اس کے بارے میں کچھ جاننے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی تھی اس لیے کہ وہ پُونہ کے ہر ذرے سے وابستہ تھی۔ ہو سکتا ہے یہ ایک حد تک مبالغہ ہو۔ مگر پونہ میرے لیے وہی پونہ ہے اور اس کے وہی ذرے، اس کے تمام ذرے ہیں جن کے ساتھ میری چند یادیں منسلک ہیں۔ اور ممی کی عجیب و غریب شخصیت ان میں سے ہر ایک میں موجود ہے۔ اس سے میری پہلی ملاقات پونے ہی میں ہوئی۔ میں نہایت سست الوجود انسان ہوں۔ یوں تو سیرو سیاحت کی بڑی بڑی امنگیں میرے دل میں موجود ہیں۔ آپ میری باتیں سنیں تو آپ سمجھیے گا کہ میں عنقریب کنچن چنگا یا ہمالہ کی اسی قسم کے نام کی کسی اور چوٹی کو سر کرنے کے لیے نکل جانے والا ہوں۔ ایسا ہوسکتا ہے مگر یہ زیادہ اغلب ہے کہ میں یہ چوٹی سر کرکے وہیں کا ہورہوں۔ خدا معلوم کتنے برس سے بمبئی میں تھا۔ آپ اس سے اندازہ سکتے ہیں کہ جب پونے گیا تو بیوی میرے ساتھ تھی۔ ایک لڑکا ہو کر اس کو مرے قریب قریب چار برس ہو چکے تھے۔ اس دوران میں۔ ٹھہریئے میں حساب لگالوں۔ آپ یہ سمجھ لیے کہ آٹھ برس سے بمبئی میں تھا۔ مگر اس دوران میں مجھے وہاں کا ورکٹوریہ گارڈنز اور میوزیم دیکھنے کی بھی توفیق نہیں ہوئی تھی۔ یہ تو محض اتفاق تھا کہ میں ایک دم پونہ جانے کے لیے تیار ہو گیا۔ جس فلم کمپنی میں ملازم تھا اس کے مالکوں سے ایک نکمی سی بات پر دل میں ناراضی پیدا ہوئی اور میں نے سوچا کہ یہ تکدر دور کرنے کے لیے پونہ ہو آؤں۔ وہ بھی اس لیے کہ پاس تھا اور وہاں میرے چند دوست رہتے تھے۔ مجھے پربھات نگر جانا تھا۔ جہاں میرا فلموں کا ایک پرانا ساتھی رہتا تھا۔ اسٹیشن کے باہر معلوم ہوا کہ یہ جگہ کافی دور ہے۔ مگر اس وقت ہم ٹانگہ لے چکے تھے۔ سست رو چیزوں سے میری طبیعت سخت گھبراتی ہے۔ مگر میں اپنے دل سے کدورت دور کرنے کے لیے آیا تھا اس لیے مجھے پربھات نگر پہنچنے میں کوئی عجلت نہیں تھی۔ تانگہ بہت واہیات قسم کا تھا۔ علی گڑھ کے یکوں سے بھی زیادہ واہیات۔ ہر وقت گرنے کا خطرہ رہتاہے۔ گھوڑ ا آگے چلتا ہے اور سواریاں پیچھے۔ ایک دو گرد سے اٹے ہوئے بازار افتاں و خیزاں طے ہوئے تو میری طبیعت گھبرا گئی۔ میں نے اپنی بیوی سے مشورہ کیا اور پوچھا کہ ایسی صورت میں کیا کرنا چاہیے۔ اس نے کہا کہ دھوپ تیز ہے۔ میں نے جو اور تانگے دیکھے ہیں وہ بھی اسی قسم کے ہیں۔ اگر اسے چھوڑ دیا تو پیدل چلنا ہو گا، جو ظاہر ہے کہ اس سواری سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ میں نے اس سے اختلاف مناسب نہ سمجھا۔ دھوپ واقعی تیز تھی۔ گھوڑا ایک فرلانگ آگے بڑھا ہو گا کہ پاس سے اسی ہونق ٹائپ کا ایک تانگہ گزرا۔ میں نے سرسری طور پر دیکھا۔ ایک دم کوئی چیخا

’’اوئے منٹو گھوڑے!‘‘

میں چونک پڑا۔ چڈہ تھا۔ ایک گھسی ہوئی میم کے ساتھ۔ دونوں ساتھ ساتھ جڑ کے بیٹھے تھے۔ میرا پہلا رد عمل انتہائی افسوس کا تھا کہ چڈے کی جمالیاتی حس کہاں گئی جو ایسی لال لگامی کے ساتھ بیٹھا ہے۔ عمر کا ٹھیک اندازہ تو میں نے اس وقت نہیں کیا تھا مگر اس عورت کی جُھریاں پاؤڈر اور روج کی تہوں میں سے بھی صاف نظر آرہی تھی۔ اتنا شوخ میک اپ تھا کہ بصارت کو سخت کوفت ہوتی تھی۔ چڈے کو ایک عرصے کے بعد میں نے دیکھا تھا۔ وہ میرا بے تکلف دوست تھا۔

’’اوئے منٹو گھوڑے‘‘

کے جواب میں یقیناً میں نے بھی کچھ اسی قسم کا نعرہ بلند کیا تھا، مگر اس عورت کو اس کے ساتھ دیکھ کر میری ساری بے تکلفی جھریاں جھریاں ہو گئی۔ میں نے اپنا تانگہ رکوالیا۔ چڈے نے بھی اپنے کوچوان سے کہا کہ ٹھہر جائے پھر اس نے اس عورت سے مخاطب ہو کر انگریزی میں کہا

’’می جسٹ اے منٹ‘‘

تانگے سے کود کر وہ میری طرف اپنا ہاتھ بڑھاتے ہوئے چیخا

’’تم؟۔ تم یہاں کیسے آئے ہو۔ ‘‘

پھر اپنا بڑھا ہوا ہاتھ بڑے بے تکلفی سے میری پُرتکلف بیوی سے ملاتے ہوئے کہا۔

’’بھابی جان۔ آپ نے کمال کردیا۔ اس گل محمد کو آخر آپ کھینچ کر یہاں لے ہی آئیں۔ ‘‘

میں نے اس سے پوچھا۔

’’تم جا کہاں رہے ہو؟‘‘

چڈے نے اونچے سروں میں کہا۔

’’ایک کام سے جارہا ہوں۔ تم ایسا کرو سیدھے۔ ‘‘

وہ ایک دم پلٹ کر میرے تانگے والے سے مخاطب ہوا

’’دیکھو صاحب کو ہمارے گھر لے جاؤ۔ کرایہ ورایہ مت لینا ان سے۔ ‘‘

ادھر سے فوراً ہی فارغ ہو کر اس نے نبٹنے کے انداز میں مجھ سے کہا۔

’’تم جاؤ۔ نوکر وہاں ہو گا۔ باقی تم دیکھ لینا۔ ‘‘

اور وہ پھدک کر اپنے ٹانگے میں اس بوڑھی میم کے ساتھ بیٹھ گیا جس کو اس نے ممی کہا تھا۔ اس سے مجھے ایک گونہ تسکین ہوئی تھی بلکہ یوں کہیے کہ وہ بوجھ جو ایک دم دونوں کو ساتھ ساتھ دیکھ کر میرے سینے پر آپڑا تھا کافی حد تک ہلکا ہو گیا تھا۔ اس کا تانگہ چل پڑا۔ میں نے اپنے تانگے والے سے کچھ نہ کہا۔ تین یا چار فرلانگ چل کر وہ ایک ڈاک بنگلہ نما قسم کی عمارت کے پاس رکا اور نیچے اتر گیا

’’چلیے صاحب۔ ‘‘

میں نے پوچھا

’’کہاں؟‘‘

اس نے جواب دیا

’’چڈہ صاحب کا مکان یہی ہے۔ ‘‘

’’اوہ‘‘

میں نے سوالیہ نظروں سے اپنی بیوی کی طرف دیکھا۔ اس کے تیوروں نے مجھے بتایا کہ وہ چڈے کے مکان کے حق میں نہیں تھی۔ سچ پوچھیے تو وہ پونہ ہی کے حق میں نہیں تھی۔ اس کو یقین تھا کہ مجھے وہاں پینے پلانے والے دوست مل جائیں گے۔ تکدر دور کرنے کا بہانہ پہلے ہی سے موجود تھا، اس لیے دن رات اڑے گی۔ میں تانگے سے اتر گیا۔ چھوٹا سا اٹیچی کیس تھا، وہ میں نے اٹھایا اور اپنی بیوی سے کہا

’’چلو!‘‘

وہ غالباً میرے تیوروں سے پہچان گئی تھی کہ اسے ہر حالت میں میرا فیصلہ قبول کرنا ہو گا۔ چنانچہ اس نے حیل و حجت نہ کی اور خاموش میرے ساتھ چل پڑی۔ بہت معمولی قسم کا مکان تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ملٹری والوں نے عارضی طور پر ایک چھوٹا سا بنگلہ بنایا تھا۔ تھوڑی دیر اسے استعمال کیا اور چلتے بنے۔ چونے اور گچ کا کام بڑا کچا تھا۔ جگہ جگہ سے پلستر اکھڑا ہوا تھا۔ اور گھر کا اندرونی حصہ ویسا ہی تھا جیسا کہ ایک بے پروا کنوارے کا ہو سکتا ہے، جو فلموں کا ہیرو ہو، اور ایسی کمپنی میں ملازم ہو جہاں ماہانہ تنخواہ ہر تیسرے مہینے ملتی ہے اور وہ بھی قسطوں میں۔ مجھے اس کا پورا احساس تھا کہ وہ عورت جو بیوی ہو، ایسے گندے ماحول میں یقیناًپریشانی اور گھٹن محسوس کرے گی، مگر میں نے یہ سوچا تھا کہ چڈہ آجائے تو اس کے ساتھ ہی پربھات نگر چلیں گے۔ وہاں جو میرا فلموں کا پرانا ساتھی رہتا تھا، اس کی بیوی اور بال بچے بھی تھے۔ وہاں کے ماحول میں میری بیوی قہردرویش برجان درویش دو تین دن گزار سکتی تھی۔ نوکر بھی عجیب لااُبالی آدمی تھا۔ جب ہم گھر میں داخل ہوئے تو سب دروازے کھلے تھے، مگر وہ موجود نہیں تھا۔ جب آیا تو اس نے ہماری موجودگی کا کوئی نوٹس نہ لیا۔ جیسے ہم سالہا سال سے وہیں بیٹھے تھے اور اسی طرح بیٹھے رہنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ جب وہ کمرے میں داخل ہو کر ہمیں دیکھے بغیر پاس سے گزر گیا تو میں سمجھا کہ شاید کوئی معمولی ایکٹر ہے جو چڈہ کے ساتھ رہتا ہے۔ پر جب میں نے اس سے نوکر کے بارے میں استفسار کیا تو معلوم ہوا کہ وہی ذاتِ شریف چڈہ صاحب کے چہیتے ملازم تھے۔ مجھے اور میری بیوی دونوں کو پیاس لگ رہی تھی۔ اس سے پانی لانے کو کہا تو وہ گلاس ڈھونڈنے لگا۔ بڑی دیرکے بعد اس نے ایک ٹوٹا ہوا مگ الماری کے نیچے سے نکالا اور بڑبڑایا

’’رات ایک درجن گلاس صاحب نے منگوائے تھے۔ معلوم نہیں کدھر گئے۔ ‘‘

میں نے اس کے ہاتھ میں پکڑے ہوئے شکستہ مگ کی طرف اشارہ کیا۔

’’کیا آپ اس میں تیل لینے جارہے ہیں۔ ‘‘

تیل لینے جانا، بمبئی کا ایک خاص محاورہ ہے۔ میری بیوی اس کا مطلب نہ سمجھی، مگر ہنس پڑی۔ نوکر کسی قدر بوجھلا گیا۔

’’نہیں صاحب۔ میں۔ تلاس کررہا تھا کہ گلاس کہاں ہیں۔ ‘‘

میری بیوی نے اس کو پانی لانے سے منع کردیا۔ اس نے وہ ٹوٹا ہوا مگ واپس الماری کے نیچے اس انداز سے رکھا کہ جیسے وہی اس کی جگہ تھی۔ اگر اسے کہیں اور رکھ دیا جاتا تو یقیناً گھر کا سارا نظام درہم برہم ہو جاتا۔ اس کے بعد وہ یوں کمرے سے باہر نکلا جیسے اس کو معلوم تھا کہ ہمارے منہ میں کتنے دانت ہیں۔ میں پلنگ پر بیٹھا تھا جو غا لباً چڈے کا تھا۔ اس سے کچھ دور ہٹ کر دو آرام کرسیاں تھیں۔ ان میں سے ایک پر میری بیوی بیٹھی پہلو بدل رہی تھی۔ کافی دیر تک ہم دونوں خاموش رہے۔ اتنے میں چڈہ آگیا۔ وہ اکیلا تھا۔ اس کو اس بات کا قطعاً احساس نہیں تھا کہ ہم اس کے مہمان ہیں۔ اور اس لحاظ سے ہماری خاطر داری اس پر لازم تھی۔ کمرے کے اندر داخل ہوتے ہی اس نے مجھ سے کہا

’’ویٹ از ویٹ۔ تو تم آگئے اولڈ بوائے۔ چلو ذرا اسٹوڈیو تک ہو آئیں۔ تم ساتھ ہو گے تو ایڈوانس ملنے میں آسانی ہو جائے گی۔ آج شام کو۔ ‘‘

میری بیوی پر اس کی نظر پڑی تو وہ رک گیا اور کھلکھلا کر ہنسنے لگا۔

’’بھابی جان، کہیں آپ نے اسے مولوی تو نہیں بنا دیا‘‘

پھر اور زور سے ہنسا۔

’’مولویوں کی ایسی تیسی، اٹھو منٹو۔ بھابی جان یہاں بیٹھی ہیں۔ ہم ابھی آجائیں گے!‘‘

میری بیوی جل کر پہلے کوئلہ تھی تو اب بالکل راکھ ہو گئی تھی۔ میں اٹھا اور چڈہ کے ساتھ ہولیا۔ مجھے معلوم تھا کہ تھوڑی دیر پیچ و تاپ کھا کر وہ سو جائے گی، چنانچہ یہی ہوا۔ اسٹوڈیو پاس ہی تھا۔ افراتفری میں مہتہ جی کے سر چڑھ کے چڈے نے مبلغ دو سو روپے وصول کیے۔ اور ہم پون گھنٹے میں جب واپس آئے تو دیکھا کہ وہ آرام کرسی پر بڑے آرام سے سو رہی تھی۔ ہم نے اسے بے آرام کرنا مناسب نہ سمجھا اور دوسرے کمرے میں چلے گئے جو کباڑ خانے سے ملتا جلتا تھا۔ اس میں جو چیز تھی حیرت انگیز طریقے پر ٹوٹی ہوئی تھی کہ سب مل کر ایک سالمگی اختیار کرگئی تھیں۔ ہر شے گرد آلود تھی، اور اس آلودگی میں ایک ضروری پن تھا۔ جیسے اس کی موجودگی اس کمرے کی بوہیمی فضا کی تکمیل کے لیے لازمی تھی۔ چڈے نے فوراً ہی اپنے نوکر کو ڈھونڈ نکالا اور اسے سو روپے کا نوٹ دے کر کہا۔

’’چین کے شہزادے۔ دو بوتلیں تھرڈ کلاس رم کی لے آؤ۔ میرا مطلب ہے تھری ایکس رم کی اور نصف درجن گلاس۔ ‘‘

مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ اس کا نوکر صرف چین ہی کا نہیں۔ دنیا کے ہر بڑے ملک کا شہزادہ تھا۔ چڈے کی زبان پر جس کا نام آجاتا، وہ اسی کا شہزادہ بن جاتا تھا۔ اس وقت کا چین کا شہزادہ سو کا نوٹ انگلیوں سے کھڑکھڑاتا چلا گیا۔ چڈے نے ٹوٹے ہوئے سپرنگوں والے پلنگ پر بیٹھ کر اپنے ہونٹ تھری ایکس رم کے استقبال میں چٹخارتے ہوئے کہا

’’ڈیٹ از ڈیٹ۔ تو آفٹر آل تم ادھر آہی نکلے۔ ‘‘

لیکن ایک دم متفکر ہو گیا۔

’’یار، بھابی کا کیا ہو۔ وہ تو گھبرا جائے گی۔ ‘‘

چڈہ بغیر بیوی کے تھا، مگر اس کو دوسروں کی بیویوں کا بہت خیال رہتا تھا۔ وہ اس کا اس قدر احترام کرتا تھا کہ ساری عمر کنوارا رہنا چاہتا تھا، وہ کہا کرتا تھا۔

’’یہ احساس کمتری ہے جس نے مجھے ابھی تک اس نعمت سے محروم رکھا ہے۔ جب شادی کا سوال آتا تو فوراً تیار ہو جاتا ہوں۔ لیکن بعد میں یہ سوچ کر کہ میں بیوی کے قابل نہیں ہوں ساری تیاری کولڈ اسٹوریج میں ڈ ال دیتا ہوں۔ ‘‘

رم فوراً ہی آگئی۔ اور گلاس بھی۔ چڈے نے چھ منگوائے تھے۔ اور چین کا شہزادہ تین لایا تھا۔ بقایا تین راستے میں ٹوٹ گئے تھے۔ چڈے نے ان کی کوئی پروا نہ کی، اور خدا کا شکر کیا کہ بوتلیں سلامت رہیں۔ ایک بوتل جلدی جلدی کھول کر اس نے کنوارے گلاسوں میں رم ڈالی اور کہا

’’تمہارے پونے آنے کی خوشی میں۔ ‘‘

ہم دونوں نے لمبے لمبے گھونٹ بھرے اور گلاس خالی کردیے۔ دوسرا دور شروع کرکے چڈہ اٹھا اور دوسرے کمرے میں دیکھ کر آیا کہ میری بیوی ابھی تک سو رہی ہے۔ اس کو بہت ترس آیا اور کہنے لگا۔

’’میں شور کرتا ہوں ان کی نیند کھل جائے گی۔ پھر ایسا کریں گے۔ ٹھہرو۔ پہلے میں چائے منگواتا ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے رم کا ایک چھوٹا سا گھونٹ لیا اور نوکر کو آواز دی

’’جمیکا کے شہزادے۔ ‘‘

جمیکا کا شہزادہ فوراً ہی آگیا۔ چڈے نے اس سے کہا۔

’’دیکھو، ممی سے کہو، ایک دم فسٹ کلاس چائے تیار کرکے بھیج دے۔ ایک دم!‘‘

نوکر چلا گیا۔ چڈے نے اپنا گلاس خالی کیا اور شریفانہ پیگ ڈال کر کہا۔

’’میں فی الحال زیادہ نہیں پیوں گا۔ پہلے چار پیگ مجھے بہت جذباتی بنا دیتے ہیں۔ مجھے بھابی کو چھوڑنے تمہارے ساتھ پربھات نگر جانا ہے۔ ‘‘

آدھے گھنٹے کے بعد چائے آگئی۔ بہت صاف برتن تھے اور بڑے سلیقے سے ٹرے میں چنے ہوئے تھے۔ چڈے نے ٹی کوزی اٹھا کر چائے کی خوشبو سونگھی اور مسرت کا اظہار کیا۔

’’می از اے جیول۔ !‘‘

اس نے ایتھوپیا کے شہزادے پر برسنا شروع کردیا۔ اتنا شور مچایا کہ میرے کان بلبلا اٹھے۔ اس کے بعد اس نے ٹرے اٹھائی اور مجھ سے کہا۔

’’آؤ۔ ‘‘

میری بیوی جاگ رہی تھی۔ چڈے نے ٹرے بڑی صفائی سے شکستہ تپائی پر رکھی اورمودبانہ کہا۔

’’حاضر ہے بیگم صاحب!‘‘

میری بیوی کو یہ مذاق پسند نہ آیا، لیکن چائے کا سامان چونکہ صاف ستھرا تھا اس لیے اس نے انکار نہ کیا اور دو پیالیاں پی لیں۔ اِن سے اس کو کچھ فرحت پہنچی اور اس نے ہم دونوں سے مخاطب ہو کر معنی خیز لہجے میں کہا۔

’’آپ اپنی چائے تو پہلے ہی پی چکے ہیں!‘‘

میں نے جواب نہ دیا مگر چڈے نے جھک کر بڑے ایماندارانہ طور پر کہا۔

’’جی ہاں، یہ غلطی ہم سے سرزد ہو چکی ہے، لیکن ہمیں یقین تھا کہ آپ ضرور معاف کردیں گی۔ ‘‘

میری بیوی مسکرائی تو وہ کھکھلا کے ہنسا۔

’’ہم دونوں بہت اونچی نسل کے سؤر ہیں۔ جن پر ہر حرام شے حلال ہے!۔ چلیے، اب ہم آپ کو مسجد تک چھوڑ آئیں!‘‘

میری بیوی کوپھرچڈے کا یہ مذاق پسند نہ آیا۔ دراصل اس کوچڈے ہی سے نفرت تھی، بلکہ یوں کہیے کہ میرے ہر دوست سے نفرت تھی۔ اور چڈہ بالخصوص اسے بہت کھلتا تھا، اس لیے کہ وہ بعض اوقات بے تکلفی کی حدود بھی پھاند جاتا تھا، مگر چڈے کو اس کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ میرا خیال ہے اس نے کبھی اس کے بارے میں سوچا ہی نہیں تھا۔ وہ ایسی فضول باتوں میں دماغ خرچ کرنا ایک ایسی ان ڈور گیم سمجھتا تھا جو لوڈو سے کئی گنا لایعنی ہے۔ اس نے میری بیوی کے جلے بھنے تیوروں کو بڑی ہشاش بشاش آنکھوں سے دیکھا اور نوکر کو آواز دی۔

’’کبابستان کے شہزادے۔ ایک عدد ٹانگہ لاؤ۔ رولزرائس قسم کا۔ ‘‘

کبابستان کا شہزادہ چلا گیا اور ساتھ ہی چڈہ۔ وہ غالباً دوسرے کمرے میں گیا تھا۔ تخلیہ ملا تو میں نے اپنی بیوی کو سمجھایا کہ کباب ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انسان کی زندگی میں ایسے لمحات آہی جایا کرتے ہیں جو وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتے۔ ان کو بسر کرنے کے لیے سب سے اچھا طریقہ یہی ہے کہ ان کو گزر جانے دیا جائے۔ لیکن حسب معمول اس نے میری اس کنفیوشسانہ نصیحت کو پلے نہ باندھا اور بڑبڑاتی رہی۔ اتنے میں کبابستان کا شہزادہ رولز رائس قسم کا ٹانگہ لے کر آگیا۔ ہم پربھات نگر روانہ ہو گئے۔ بہت ہی اچھا ہوا کہ میرا فلموں کا پرانا ساتھی گھر میں موجود نہیں تھا۔ اس کی بیوی تھی، چڈے نے میری بیوی اس کے سپرد کی اور کہا

’’خربوزہ، خربوزے کو دیکھ کر رنگ پکڑتا ہے۔ بیوی، بیوی کو دیکھ کررنگ پکڑتی ہے، یہ ہم ابھی حاضر ہو کے دیکھیں گے۔ ‘‘

پھر وہ مجھ سے مخاطب ہوا۔

’’چلو منٹو، اسٹوڈیو میں تمہارے دوست کو پکڑیں۔ ‘‘

چڈہ کچھ ایسی افراتفری میں مچا دیا کرتا تھا کہ مخالف قوتوں کو سمجھنے سوچنے کا بہت کم موقع ملتا تھا۔ اس نے میرا بازو پکڑا اور باہر لے گیا اور میری بیوی سوچتے ہی رہ گئی۔ ٹانگے میں سوار ہو کر چڈے نے اب کچھ سوچنے کے انداز میں کہا۔

’’یہ تو ہو گیا۔ اب کیا پروگرام ہے۔ ‘‘

پھر کھکھلا کر ہنسا۔

’’ممی۔ گریٹ ممی!‘‘

میں اس سے پوچھنے ہی والا تھا، یہ ممی کس تو تنخ آمون کی اولاد ہے، کہ چڈے نے باتوں کا کچھ اییا سلسلہ شروع کردیا کہ میرا استفسار غیر طبعی موت مر گیا۔ تانگہ واپس اس ڈاک بنگلہ نما کوٹھی پر پہنچا جس کا نام سعیدہ کاٹیج تھا، مگر چڈہ اس کو کبیدہ کاٹیج کہتا تھا۔ اس لیے کہ اس میں رہنے والے سب کے سب کبیدہ خاطر رہتے ہیں۔ حالانکہ یہ غلط تھا جیسے کہ مجھے بعد میں معلوم ہوا۔ اس کاٹیج میں کافی آدمی رہتے تھے حالانکہ بادی النظر میں یہ جگہ بالکل غیر آباد معلوم ہوتی تھی۔ سب کے سب اسی فلم کمپنیوں میں ملازم جو مہینے کی تنخواہ ہر سہ ماہی کے بعد دیتی تھی اور وہ بھی کئی قسطوں میں۔ ایک ایک کرکے جب اس کے ساکنوں سے میرا تعارف ہوا تو پتہ چلا کہ سب اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھے۔ کوئی چیف اسسٹنٹ ڈائریکٹر، کوئی اس کا نائب، کوئی نائب در نائب۔ ہر دوسرا، کسی پہلے کا اسسٹنٹ تھا اور اپنی ذاتی فلم کمپنی کی بنیادیں استوار کرنے کے لیے سرمایہ فراہم کررہا تھا۔ پوشش اور وضع قطع کے اعتبار سے ہر ایک ہیرو معلوم ہوتا تھا کنٹرول کا زمانہ تھا۔ مگر کسی کے پاس راشن کارڈ نہیں تھا۔ وہ چیزیں بھی جو تھوڑی سی تکلیف کے بعد آسانی سے کم قیمت پر دستیاب ہو سکتی تھی۔ یہ لوگ بلیک مارکیٹ سے خریدتے تھے۔ پکچر ضرور دیکھتے تھے۔ ریس کا موسم ہو تو ریس کھیلتے تھے ورنہ سٹہ۔ جیتتے شاذونادر تھے، مگر ہارتے ہر روز تھے۔ سعیدہ کاٹیج کی آبادی بہت گنجان تھی۔ چونکہ جگہ کم تھی اس لیے موٹر گراج بھی رہائش کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ اس میں ایک فیملی رہتی تھی۔ شیریں نام کی ایک عورت تھی جس کا خاوند شاید، محض یکسانیت توڑنے کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نہیں تھا۔ وہ اسی فلم کمپنی میں ملازم تھا مگر موٹر ڈرائیور تھا۔ معلوم نہیں، وہ کب آتا تھا۔ اور کب جاتا تھا، کیونکہ میں نے اس شریف آدمی کو وہاں کبھی نہیں دیکھا تھا۔ شیریں کے بطن سے ایک چھوٹا سا لڑکا تھا جس کو سعیدہ کا ٹیج کے تمام ساکن فرصت کے اوقات میں پیار کرتے۔ شیریں جو قبول صورت تھی اپنا بیشتر وقت گراج کے اندر گزارتی تھی۔ کاٹیج کا معزز حصہ چڈے اور اس کے دو ساتھیوں کے پاس تھا۔ یہ دونوں بھی ایکٹر تھے، مگر ہیرو نہیں تھے۔ ایک سعید تھا جس کا فلمی نام رنجیت کمار تھا۔ چڈہ کہا کرتا تھا۔

’’سعیدہ کاٹیج اس خرذات کے نام کی رعایت سے مشہور ہے ورنہ اس کا نام کبیدہ کاٹیج ہی تھا۔

’’خوش شکل تھا اور بہت کم گو۔ چڈہ کبھی کبھی اسے کچھوا کہا کرتا تھا، اس لیے کہ وہ ہر کام بہت آہستہ آہستہ کرتا تھا۔ دوسرے ایکٹر کا نام معلوم نہیں کیا تھا مگر سب اسے غریب نواز کہتے تھے۔ حیدر آباد کے ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھتا تھا۔ ایکٹنگ کے شوق میں یہاں چلا آیا۔ تنخواہ ڈھائی سو روپے ماہوار مقرر تھی۔ ایک برس ہو گیا تھا ملازم ہوئے مگر اس دوران میں اس نے صرف ایک دفعہ ڈھائی سو روپے بطور ایڈوانس لیے تھے، وہ بھی چڈے کے لیے، کہ اس پر ایک بڑے خونخواہ پٹھان کے قرض کی ادائیگی لازم ہو گئی تھی۔ ادبِ لطیف، قسم کی عمارت میں فلمی کہانیاں لکھنا اس کا شُغل تھا۔ کبھی کبھی شعر بھی موزوں کرلیتا تھا۔ کاٹیج کا ہر شخص اس کا مقروض تھا۔ شکیل اور عقیل دو بھائی تھے۔ دونوں کسی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے اسسٹنٹ تھے اور برعکس نام نہند نامِ زنگی باکا فور کی ضرب المثال کے ابطال کی کوشش میں ہمہ تن مصروف رہتے تھے۔ بڑے تین، یعنی چڈہ، سعید اور غریب نواز شیریں کا بہت خیال رکھتے تھے لیکن تینوں اکٹھے گراج میں نہیں جاتے تھے۔ مزاج پرسی کا کوئی وقت بھی مقرر نہیں تھا۔ تینوں جب کاٹیج کے بڑے کمرے میں جمع ہوتے تو ان میں سے ایک اٹھ کر گراج میں چلا جاتا اور کچھ دیر وہاں بیٹھ کر شیریں سے گھریلو معاملات پر بات چیت کرتا رہتا۔ باقی دو اپنے اشغال میں مصروف رہتے۔ جو اسسٹنٹ قسم کے لوگ تھے، وہ شیریں کا ہاتھ بٹایا کرتے تھے۔ کبھی بازار سے اس کو سودا سلف لا دیا۔ کبھی لانڈری میں اس کے کپڑے دھلنے دے آئے اور کبھی اس کے روتے بچے کو بہلا دیا۔ ان میں سے کبیدہ خاطر کوئی بھی نہ تھا۔ سب کے سب مسرور تھے، شاید اپنی کبیدگی پر، وہ اپنے حالات کی نامساعت کا ذکر بھی کرتے تھے تو بڑے شاداں و فرحاں انداز میں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی زندگی بہت دلچسپ تھی۔ ہم کاٹیج کے گیٹ میں داخل ہونے والے تھے کہ غریب نواز صاحب باہر آرہے تھے۔ چڈے نے ان کی طرف غور سے دیکھا اور اپنی جیب میں ہاتھ ڈال کر نوٹ نکالے۔ بغیر گنے اس نے کچھ غریب نواز کو دیے اور کہا

’’چار بوتلیں اسکاچ کی چاہئیں۔ کمی آپ پوری کردیجیے گا۔ بیشی ہو تو وہ مجھے واپس مل جائے۔ ‘‘

غریب نواز کے حیدر آبادی ہونٹوں پر گہری سانولی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔ چڈہ کھکھلا کر ہنسا اور میری طرف دیکھ کر اس نے غریب نواز سے کہا۔

’’یہ مسٹر ون ٹو ہیں۔ لیکن ان سے مفصل ملاقات کی اجازت اس وقت نہیں مل سکتی۔ یہ رم پئے ہیں۔ شام کو اسکاچ آجائے تو۔ لیکن آپ جائیے۔ ‘‘

غریب نواز چلا گیا۔ ہم اندر داخل ہوئے۔ چڈے نے ایک زور کی جمائی لی اور رم کی بوتل اٹھائی جو نصف سے زیادہ خالی تھی۔ اس نے روشنی میں مقدار کا سرسری اندازہ کیا اور نوکر کو آواز دی۔

’’قراقستان کے شہزادے۔ ‘‘

جب وہ نمودار نہ ہوا تو اس نے اپنے گلاس میں ایک بڑا پیگ ڈالتے ہوئے کہا۔

’’زیادہ پی گیا ہے کم بخت!‘‘

یہ گلاس ختم کرکے وہ کچھ فکر مند ہو گیا۔

’’یار، بھابھی کو تم خواہ مخواہ یہاں لائے۔ خدا کی قسم مجھے اپنے سینے پر ایک بوجھ سا محسوس ہورہا ہے۔ ‘‘

پھر اس نے خود ہی اپنے کو تسکین دی۔

’’لیکن میرا خیال ہے کہ بور نہیں ہونگی وہاں؟‘‘

میں نے کہا۔

’’ہاں وہاں رہ کر وہ میرے قتل کا فوری ارادہ نہیں کرسکتی‘‘

اور میں نے اپنے گلاس میں رم ڈالی جس کا ذائقہ بُسے ہوئے گڑ کی طرح تھا۔ جس کباڑ خانے میں ہم بیٹھے تھے اس میں سلاخوں والی دو کھڑکیاں تھیں جس سے باہر کا خیر آباد حصہ نظر آتا تھا۔ اِدھر سے کسی نے بآواز بلند چڈہ کا نام لے کر پکارا۔ میں چونک پڑا۔ دیکھا کہ میوزک ڈ ائریکٹر ون کُترے ہے۔ کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ کس نسل کا ہے۔ منگولی ہے، حبشی ہے، آریہ ہے، یا کیا بلا ہے۔ کبھی کبھی اس کے کسی خدوخال کو دیکھ کر آدمی کسی نتیجے پرپہنچنے ہی والا ہوتا تھا کہ اس کے تقابل میں کوئی ایسا نقش نظر آجاتا کہ فوراً ہی نئے سرے سے غور کرنا پڑ جاتا تھا۔ ویسے وہ مرہٹہ تھا، مگر شیواجی کی تیکھی ناک کی بجائے اس کے چہرے پر بڑے حیرت ناک طریقے پر مڑی ہوئی چپٹی ناک تھی جو اس کے خیال کے مطابق ان سروں کے لیے بہت ضروری تھی۔ جن کا تعلق براہ راست ناک سے ہوتا ہے۔ اس نے مجھے دیکھا تو چلایا

’’منٹو۔ منٹو سیٹھ؟‘‘

چڈے نے اس سے زیادہ اونچی آواز میں کہا۔

’’سیٹھ کی ایسی تیسی۔ چل اندر آ‘‘

وہ فوراً اندر آگیا۔ اپنی جیب سے اس نے ہنستے ہوئے رم کی ایک بوتل نکالی اور تپائی پر رکھ دی۔

’’میں سالا اُدھر ممی کے پاس گیا۔ وہ بولا۔ تمہارے فرینڈ آئے لا۔ میں بولا سالا یہ فرینڈ کون ہونے کو سکتا ہے۔ سالا مالوم نہ تھا منٹو ہے۔ ‘‘

چڈے نے ون کُترے کے کدو ایسے سر پر ایک دھول جمائی۔

’’اب چیک کر سالے کے۔ تو رم لے آیا۔ بس ٹھیک ہے۔ ‘‘

ون کترے نے اپنا سر سہلایا اور میرا خالی گلاس اٹھا کر اپنے لیے پیگ تیار کیا۔

’’منٹو۔ یہ سالا آج ملتے ہی کہنے لگا۔ آج پینے کو جی چاہتا ہے۔ میں ایک دم کڑکا۔ سوچا کیا کروں۔ ‘‘

چڈے نے ایک اور دھپا اس کے سر پر جمایا۔

’’بیٹھ بے، جیسے تو نے کچھ سوچا ہی ہو گا۔ ‘‘

’’سوچا نہیں تو سالا یہ اتنی بڑی باٹلی کہاں سے آیا۔ تیرے باپ نے دیا مجھ کو۔ ‘‘

ون کترے نے ایک ہی جرعے میں رم ختم کردی۔ چڈے نے اُس کی بات سنی ان سنی کردی اور اس سے پوچھا۔

’’تو یہ تو بتا کہ ممی کیا بولی؟۔ بولی تھی؟۔ موذیل کب آئے گی؟۔ ارے ہاں۔ وہ پلیٹنم بلونڈ!‘‘

ون کترے نے جواب میں کچھ کہنا چاہا مگر چڈے نے میرا بازو پکڑ کر کہنا شروع کردیا۔

’’منٹو۔ خدا کی قسم کیا چیز ہے۔ سنا کرتے تھے کہ ایک شے پلیٹنم بلونڈ بھی ہوتی ہے۔ مگر دیکھنے کا اتفاق کل ہوا۔ بال ہیں، جیسے چاندی کے معین مہین تار۔ گریٹ۔ خدا کی قسم منٹو بہت گریٹ۔ ممی زندہ باد!‘‘

پھر اس نے قہر آلود نگاہوں سے ون کترے کی طرف دیکھا اور کڑک کر کہا۔

’’کن کترے کے بچے۔ نعرہ کیوں نہیں لگاتا۔ ممی زندہ باد!‘‘

چڈے اور ون کترے دونوں نے مل کر

’’ممی زندہ باد‘‘

کے کئی نعرے لگائے۔ اس کے بعد ون کترے نے چڈے کے سوالوں کا پھر جواب دینا چاہا مگر اس نے اسے خاموش کردیا۔

’’چھوڑو یار۔ میں جذباتی ہو گیا ہوں۔ اس وقت یہ سوچ رہا ہوں کہ عام طور پر معشوق کے بال سیاہ ہوتے ہیں۔ جنھیں کالی گھٹا سے تشبیہہ دی جاتی رہی ہے۔ مگر یہاں کچھ اور ہی سلسلہ ہو گیا ہے۔ ‘‘

پھر وہ مجھ سے مخاطب ہوا۔

’’منٹو۔ بڑی گڑبڑ ہو گئی ہے۔ اس کے بال چاندی کے تاروں جیسے ہیں۔ چاندی کا رنگ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ معلوم نہیں پلیٹنم کا رنگ کیسا ہوتا ہے، کیونکہ میں نے ابھی تک یہ دھات نہیں دیکھی۔ کچھ عجیب ہی سا رنگ ہے۔ فولاد اور چاندی دونوں کو ملا دیا جائے۔ ‘‘

ون کترے نے دوسرا پیگ ختم کیا۔

’’اور اس میں تھوڑی سی تھری ایکس رم مکس کردی جائے۔ ‘‘

چڈے نے بھنا کر اس کو ایک فربہ اندام گالی دی۔

’’بکواس نہ کر۔ ‘‘

پھر اس نے بڑی رحم انگیز نظروں سے میری طرف دیکھا۔

’’یار۔ میں واقعی جذباتی ہو گیا ہوں۔ ہاں۔ وہ رنگ۔ خدا کی قسم لاجواب رنگ ہے۔ وہ تم نے دیکھا ہے۔ وہ جو مچھلیوں کے پیٹ پر ہوتا ہے۔ نہیں نہیں ہر جگہ ہوتا ہے۔ پومغریٹ مچھلی۔ اس کے وہ کیا ہوتے ہیں؟۔ نہیں نہیں۔ سانپوں کے۔ وہ ننھے ننھے کھپرے۔ ہاں کھپرے۔ بس ان کا رنگ۔ کھپرے۔ یہ لفظ مجھے ایک ہند ستوڑے نے بتایا تھا۔ اتنی خوبصورت چیز اور ایسا واہیات نام۔ پنجابی میں ہم انھیں چانے کہتے ہیں۔ اس لفاظ میں چنچنہاہٹ ہے۔ وہی۔ بالکل وہی جو اس کے بالوں میں ہے۔ لٹیں ننھی ننھی سنپولیاں معلوم ہوتی ہیں جو لوٹ لگا رہی ہوں۔ ‘‘

وہ ایک دم اٹھا۔

’’سنپولیوں کی ایسی تیسی، میں جذباتی ہو گیا ہوں۔ ‘‘

ون کترے نے بڑے بھولے انداز میں پوچھا۔

’’وہ کیا ہوتا ہے؟‘‘

چڈے نے جواب دیا۔

’’سنٹی منٹل۔ لیکن تو کیا سمجھے گا، بالا جی باجی راؤ اور نانا فرنویس کی اولاد۔ ‘‘

ون کترے نے اپنے لیے ایک اور پیگ بنایا اور مجھ سے مخاطب ہو کر کہا۔

’’یہ سالا چڈہ سمجھتا ہے، میں انگلش نہیں سمجھتا ہوں۔ میٹری کولیٹ ہوں۔ سالا میرا باپ مجھ سے بہت محبت کرتا تھا۔ اس سے۔ ‘‘

چڈے نے چڑ کر کہا۔

’’اس نے تجھے تان سین بنا دیا۔ تیری ناک مروڑ دی کہ نکوڑے سر آسانی سے تیرے اندر سے نکل سکیں۔ بچپن ہی میں اس نے تجھے دھرپدگاناسکھا دیا تھا۔ اور دودھ پینے کے لیے تو میاں کی ٹوڑی میں رویا کرتا تھا اور پیشاب کرتے وقت اڑانہ میں۔ اور تو نے پہلی بات پٹ ویپکی میں کی تھی۔ اور تیرا باپ۔ جگت استاد تھا۔ بجوباؤرے کے بھی کان کاٹتا تھا۔ اور تو آج اس کے کان کاٹتا ہے، اسی لیے تیرا نام کن کترے!‘‘

اتنا کہہ کر وہ مجھ سے مخاطب ہوا۔

’’منٹو۔ یہ سالا جب بھی پیتا ہے۔ اپنے باپ کی تعریفیں شروع کردیتا ہے۔ وہ اس سے محبت کرتا تھا تو مجھ پر اس نے کیا احسان کیا اور اس نے اسے میٹریکولیٹ بنا دیا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں اپنی بی اے کی ڈگری پھاڑ کے پھینک دوں۔ ‘‘

ون کترے نے اس بوچھاڑ کی مدافعت کرنا چاہی مگر چڈے نے اُس کو وہیں دبا دیا۔

’’چپ رہ۔ میں کہہ چکا ہوں کہ سنٹی مینٹل ہو گیا ہوں۔ ہاں، وہ رنگ۔ پومفریٹ مچھلی۔ نہیں نہیں۔ سانپ کے ننھے ننھے کھپرے۔ بس انہی کا رنگ۔ ممی نے خدا معلوم اپنی بین پر کونسا راگ بجا کر اس ناگن کو باہر نکالا؟‘‘

ون کترے سوچنے لگا۔

’’پیٹی منگاؤ، میں بجاتا ہوں۔ ‘‘

چڈہ کھکھلا کر ہنسنے لگا۔

’’بیٹھ بے میٹری کولیٹ کے چاکولیٹ۔ ‘‘

اس نے رم کی بوتل میں سے رم کے باقیات اپنے گلاس میں انڈیلے اور مجھ سے کہا۔

’’منٹو، اگر یہ پلٹینم بلونڈ نہ پٹی تو مسٹر چڈہ ہمالیہ پہاڑ کی کسی اونچی چوٹی پر دھونی رما کر بیٹھ جائے گا۔ ‘‘

اور اس نے گلاس خالی کردیا۔ ون کترے نے اپنی لائی ہوئی بوتل کھولنی شروع کردی۔

’’منٹو، مُلگی ایک چانگلی ہے۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’دیکھ لیں گے۔ ‘‘

’’آج ہی۔ آج رات میں ایک پارٹی دے رہا ہوں۔ یہ بہت ہی اچھا ہوا کہ تم آگئے اور شری ایک سو آٹھ مہتا جی نے تمہاری وجہ سے وہ ایڈوانس دے دیا، ورنہ بڑی مشکل ہو جاتی۔ آج کی رات۔ آج کی رات۔ ‘‘

چڈے نے بڑے بھونڈے سروں میں گانا شروع کردیا :

’’آج کی رات سازِ درد نہ چھیڑ!‘‘

ون کترے بیچارہ اس کی اس زیادتی پر صدائے احتجاج بلند کرنے ہی والا تھا کہ غریب نواز اور رنجیت کمار آگئے۔ دونوں کے پاس اسکاچ کی دو دو بوتلیں تھیں۔ یہ انھوں نے میز پر رکھیں۔ رنجیت کمار سے میرے اچھے خاصے مراسم تھے، مگر بے تکلف نہیں۔ اس لیے ہم دونوں نے تھوڑی سی، آپ کب آئے، آج ہی آیا، ایسی رسمی گفتگو کی اور گلاس ٹکرا کر پینے میں مشغول ہو گئے۔ چڈہ واقعی بہت جذباتی ہو گیا تھا۔ ہر بات میں اس پلیٹنم بلونڈ کا ذکر لے آتا تھا۔ رنجیت کمار دوسری بوتل کا چوتھائی حصہ چڑھا گیا تھا۔ غریب نواز نے اسکاچ کے تین پیگ پئے تھے۔ نشے کے معاملے میں ان سب کی سطح اب ایک ایسی تھی۔ میں چونکہ زیادہ پینے کا عادی ہوں اس لیے میرے جذبات معتدل تھے۔ میں نے ان کی گفتگو سے اندازہ لگایا کہ وہ چاروں اس نئی لڑکی پربہت بری طرح فریفتہ تھے۔ جو ممی نے کہیں سے پیدا کی تھی۔ اس نایاب دانے کا نام فی لس تھا۔ پونے میں کوئی ہیئر ڈریسنگ سیلون تھا جہاں وہ ملازم تھی۔ اس کے ساتھ عام طور پر ایک ہیجڑہ نما لڑکا رہتا تھا۔ لڑکی کی عمر چودہ پندرہ برس کے قریب تھی۔ غریب نواز تو یہاں تک اس پر گرم تھا کہ وہ حیدر آباد میں اپنے حصے کی جائیداد بیچ کر بھی اس داؤں پر لگانے کے لیے تیار تھا۔ چڈے کے پاس ترپ کا صرف ایک پتا تھا، اپنا قبول صورت ہونا۔ ون کترے کا بزعمِ خود یہ خیال تھاکہ اس کی پیٹی سن کر وہ پری ضرور شیشے میں اتر آئے گی۔ اور رنجیت کمار جارحانہ اقدام ہی کو کارگر سمجھتا تھا۔ لیکن سب آخر میں یہی سوچتے تھے کہ دیکھیے ممی کسی پر قربان ہوتی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا تھا کہ اس پلیٹنم بلونڈ فی لس کو وہ عورت جسے میں نے چڈے کے ساتھ ٹانگے میں دیکھا تھا، کسی کے بھی حوالے کرسکتی تھی۔ فی لس کی باتیں کرتے کرتے چڈے نے اچانک اپنی گھڑی دیکھی اور مجھ سے کہا

’’جہنم میں جائے یہ لونڈیا۔ چلو یار۔ بھابی وہاں کباب ہو رہی ہو گی۔ لیکن مصیبت یہ ہے کہ میں کہیں وہاں بھی سنٹی مینٹل نہ ہو جاؤں۔ خیر۔ تم مجھے سنبھال لینا۔ ‘‘

اپنے گلاس کے چند آخری قطرے حلق میں ٹپکا کر اس نے نوکر کو آواز دی۔

’’ممیوں کے ملک مصر کے شہزادے۔ ‘‘

ممیوں کے ملک مصر کا شہزادہ آنکھیں ملتا نمودار ہوا، جیسے کسی نے اس کو صدیوں کے بعد کھود کھاد کے باہر نکالا ہے۔ چڈے نے اس کے چہرے پر رم کے چھینٹے مارے اور کہا۔

’’دو عدد ٹانگے لاؤ۔ جو مصری رتھ معلوم ہوں۔ ‘‘

ٹانگے آگئے۔ ہم سب ان پر لد کر پربھات نگر روانہ ہوئے۔ میرا پرانا، فلموں کا ساتھی ہریش گھر پر موجود تھا۔ اس دور دراز جگہ پر بھی اس نے میری بیوی کی خاطر مدارت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا تھا۔ چڈے نے آنکھ کے اشارے سے اس کو سارا معاملہ سمجھا دیا تھا، چنانچہ یہ بہت کارآمد ثابت ہوا۔ میری بیوی نے غیض و غضب کا اظہار نہ کیا۔ اس کا وقت وہاں کچھ اچھا ہی کٹا تھا۔ ہریش نے جو عورتوں کے نفسیات کا ماہر تھا۔ بڑی پرلطف باتیں کیں، اور آخر میں میری بیوی سے درخواست کی کہ وہ اس کی شوٹنگ دیکھنے چلے جو اس روز ہونے والی تھی میری بیوی نے پوچھا۔

’’کوئی گانا فلمارہے ہیں آپ؟‘‘

ہریش نے جواب دیا۔

’’جی نہیں۔ وہ کل کا پروگرام ہے۔ میرا خیال ہے آپ کل چلیے گا۔ ‘‘

ہریش کی بیوی شوٹنگ دیکھ دیکھ کر اور دکھا دکھا کر عاجز آئی ہوئی تھی۔ اس نے فوراً ہی میری بیوی سے کہا۔

’’ہاں کل ٹھیک رہے گا۔ آج تو انھیں سفر کی تھکن بھی ہے۔ ‘‘

ہم سب نے اطمینان کا سانس لیا۔ ہریش نے پھر کچھ دیر پُر لطف باتیں کیں۔ آخر میں مجھ سے کہا۔

’’چلو یار۔ تم چلو میرے ساتھ‘‘

اور میرے تین ساتھیوں کی طرف دیکھا

’’ان کو چھوڑو۔ سیٹھ صاحب تمہاری کہانی سننا چاہتے ہیں۔ ‘‘

میں نے اپنی بیوی کی طرف دیکھا اور ہریش سے کہا

’’ان سے اجازت لے لو۔ ‘‘

میری سادہ لوح بیوی جال میں پھنس چکی تھی۔ اس نے ہریش سے کہا۔

’’میں نے بمبئے سے چلتے وقت ان سے کہا بھی تھا کہ اپنا ڈوکیومنٹ کیس ساتھ لے چلیے، پر انھوں نے کہا کوئی ضرورت نہیں۔ اب یہ کہانی کیا سنائیں گے۔ ‘‘

ہریش نے کہا۔

’’زبانی سنا دے گا‘‘

پھر اس نے میری طرف یوں دیکھا جیسے کہہ رہا ہے کہ ہاں کہو جلدی۔ میں نے اطمینان سے کہا۔

’’ہاں ایسا ہو سکتا ہے!‘‘

چڈے نے اس ڈرامے میں تکمیلی ٹچ دیا۔

’’تو بھئی ہم چلتے ہیں۔ ‘‘

اور وہ تینوں اٹھ کر سلام نمستے کرکے چلے گئے۔ تھوڑی دیر کے بعد میں اور ہریش نکلے۔ پربھات نگر کے باہر ٹانگے کھڑے تھے۔ چڈے نے ہمیں دیکھا تو زور کا نعرہ بلند کیا۔

’’راجہ ہریش چندر زندہ باد۔ ‘‘

ہریش کے سوا ہم سب ممی کے گھر روانہ ہو گئے۔ اس کو اپنی ایک سہیلی سے ملنے جانا تھا۔ یہ بھی ایک کاٹیج تھی۔ شکل و صورت اور ساخت کے اعتبار سے سعیدہ کاٹیج جیسی مگر بہت صاف ستھری جس سے ممی کے سلیقے اور قرینے کا پتا چلتا تھا۔ فرنیچر معمولی تھا مگر جو چیز جہاں تھی سجی ہوئی تھی۔ پربھات نگر سے چلتے وقت میں نے سوچا تھا کوئی قحبہ خانہ ہو گا، مگر اس گھر کی کسی چیز سے بھی بصارت کو ایسا شک نہیں ہوتا تھا۔ وہ ویسا ہی شریفانہ تھا جیسا کہ ایک اوسط درجے کے عیسائی کا ہوتا ہے۔ لیکن ممی کی عمر کے مقابلے میں وہ جوان جوان دکھائی دیتا تھا۔ اس پر وہ میک اپ نہیں تھا جو میں نے ممی کے جھریوں والے چہرے پر دیکھا تھا۔ جب ممی ڈرائنگ روم میں آئی، تو میں نے سوچا کہ گردوپیش شفقت نے اس کے گال تھپتھپائے اور کہا

’’تم فکر نہ کرو۔ میں ابھی انتظام کرتی ہوں۔ ‘‘

وہ انتظام کرنے باہر چلی گئی۔ چڈے نے خوشی کا ایک اور نعرہ بلند کیا اور ون کترے سے کہا۔

’’جنرل ون کترے۔ جاؤ ہیڈ کوارٹرز سے ساری توپیں لے آؤ۔ ‘‘

ون کترے نے سیلوٹ کیا اور حکم کی تعمیل کے لیے چلا گیا۔ سعیدہ کاٹیج بالکل پاس تھی، دس منٹ کے اندر اندر وہ بوتلیں لے کر واپس آگیا۔ ساتھ اس کے چڈے کا نوکر تھا۔ چڈے نے اس کو دیکھا تو اُس کا استقبال کیا۔

’’آؤ، آؤ۔ میرے کوہ قاف کے شہزادے۔ وہ۔ وہ سانپ کے کھپڑوں جیسے رنگ کے بالوں والی لونڈیا آرہی ہے۔ تم بھی قسمت آزمائی کرلینا۔ ‘‘

رنجیت کمار اور غریب نواز دونوں کو چڈے کی یہ صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کے لیے، والی بات بہت ناگوار معلوم ہوئی۔ دونوں نے مجھ سے کہا کہ یہ چڈے کی بہت بے ہودگی ہے۔ اس بیہودگی کو انھوں نے بہت محسوس کیا تھا۔ چڈہ حسبِ عادت اپنی ہانکتا رہا اور وہ خاموش ایک کونے میں بیٹھے آہستہ آہستہ رم پی کر ایک دوسرے سے اپنے دکھ کا اظہار کرتے رہے۔ میں ممی کے متعلق سوچتا رہا۔ ڈرائنگ روم میں، غریب نواز، رنجیت کمار اور چڈے بیٹھے تھے۔ ایسا لگتا تھا کہ یہ چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔ ان کی ماں باہر کھلونے لینے گئی ہے۔ یہ سب منتظر ہیں۔ چڈہ مطمئن ہے کہ سب سے بڑھیا اور اچھا کھلونا اسے ملے گا، اس لیے کہ وہ اپنی ماں کا چہیتا ہے۔ باقی دو کا غم چونکہ ایک جیسا تھا اس لیے وہ ایک دوسرے کے مونس بن گئے تھے۔ شراب اس ماحول میں دودھ معلوم ہوتی تھی اور وہ پلیٹنم بلونڈ۔ اس کا تصور ایک چھوٹی سی گڑیا کے مانند دماغ میں آتا تھا۔ ہر فضا، ہر ماحول کی اپنی موسیقی ہوتی ہے۔ اس وقت جو موسیقی میرے دل کے کانوں تک پہنچ رہی تھی، اس میں کوئی سُر اشتعال انگیز نہیں تھا۔ ہر شے، ماں اور اس کے بچے اور ان کے باہمی رشتے کی طرح قابلِ فہم اور یقینی تھی۔ میں نے جب اس کو تانگے میں چڈے کے ساتھ دیکھا تھا تو میری جمالیاتی حس کو صدمہ پہنچا تھا۔ مجھے افسوس ہوا کہ میرے دل میں ان دونوں کے متعلق واہیات خیال پیدا ہوئے۔ لیکن یہ چیز مجھے بار بار ستا رہی تھی کہ وہ اتنا شوخ میک اپ کیوں کرتی ہے جو اس کی جھریوں کی توہین ہے۔ اس ممتا کی تضحیک ہے جو اس کے دل میں چڈے، غریب نواز اور ون کترے کے لیے موجود ہے۔ اور خدا معلوم اور کس کس کے لیے۔ باتوں باتوں میں چڈے سے میں نے پوچھا۔

’’یار یہ تو بتاؤ تمہاری ممی اتنا شوخ میک اپ کیوں کرتی ہے؟‘‘

’’اس لیے کہ دنیا ہر شوخ چیز کو پسند کرتی ہے۔ تمہارے اور میرے جیسے الو اس دنیا میں بہت کم بستے ہیں جو مدھم سر اور مدھم رنگ پسند کرتے ہیں۔ جو جوانی کو بچپن کے روپ میں نہیں دیکھنا چاہتے اور۔ اور جو بڑھاپے پر جوانی کا ملمع پسند نہیں کرتے۔ ہم جو خود کو آرٹسٹ کہتے ہیں۔ اُلّو کے پٹھے ہیں۔ میں تمہیں ایک دلچسپ واقعہ سناتا ہوں۔ بیساکھی کا میلہ تھا۔ تمہارے امرت سر میں۔ ایک صحت مند نوجوان نے۔ خالص دودھ اور مکھن پر پلے ہوئے جوان نے، جس کی نئی جوتی اس کی لاٹھی پر بازی گری کررہی تھی اوپر ایک کوٹھے کی طرف دیکھا اور نہایت واہیات رنگوں میں لپی تپی ایک سیاہ فام ٹکھیائی کی طرف دیکھا، جس کی تیل میں چپڑی ہوئی ببریاں، اس کے ماتھے پر بڑے بدنما طریقے پر جمی ہوئی تھیں اور اپنے ساتھی کی پسلیوں میں ٹہوکا دے کر کہا۔ اوئے لہنا سیاں۔ ویخ اوئے اوپر ویخ۔ اسی تے پنڈوچ مجھاں ای۔ ‘‘

آخری لفظ وہ خدا معلوم کیوں گول کرلیا، حالانکہ وہ شائستگی کا بالکل قال نہیں تھا۔ کھکھلا کر ہنسنے لگا اور میرے گلاس میں رم ڈال کر بولا۔

’’اس جاٹ کے لیے وہ چڑیل ہی اس وقت کوہ قاف کی پری تھی۔ اور اس کے گاؤں کی حسین و جمیل مٹیاریں، بے ڈول بھینسیں۔ ہم سب چغد ہیں۔ درمیانے درجے کے۔ اس لیے کہ اس دنیا میں کوئی چیز اول درجے کی نہیں۔ تیسرے درجے کی ہے یا درمیانے درجے کی۔ لیکن۔ لیکن فی لس۔ خاص الخاص درجے کی چیز ہے۔ وہ سانپ کے کھپروں۔ ‘‘

ون کترے نے اپنا گلاس اٹھا کر چڈے کے سر پر انڈیل دیا۔

’’کھپرے۔ کھپرے۔ تمہارا مستک پھر گیا ہے۔ ‘‘

چڈے نے ماتھے پر سے رَم کے ٹپکتے ہوئے قطرے زبان سے چاٹنے شروع کردیے اور ون کترے سے کہا۔

’’لے اب سنا۔ تیرا باپ سالا تجھ سے کتنی محبت کرتا تھا۔ میرا دماغ اب کافی ٹھنڈا ہو گیا ہے!‘‘

وَن کُترے بہت سنجیدہ ہو کر مجھ سے مخاطب ہوا۔

’’بائی گاڈ۔ وہ مجھ سے بہت محبت کرتا تھا۔ میں فٹین ائرز کا تھا کہ اس نے میری شادی بنا دی۔ ‘‘

چڈہ زور سے ہنسا۔

’’تمہیں کارٹون بنا دیا اس سالے نے۔ بھگوان اُسے سورگ میں کیریل کی پیٹی دے کہ وہاں بھی اسے بجا بجا کر تمہاری شادی کے لیے کوئی خوبصورت حور ڈھونڈتا رہے۔ ‘‘

ون کترے اور بھی سنجیدہ ہو گیا۔

’’منٹو۔ میں جھوٹ نہیں کہتا۔ میری وائف ایک دم بیوٹی فل ہے۔ ہماری فیملی میں۔ ‘‘

’’تمہاری فیملی کی ایسی تیسی۔ فی لس کی بات کرو۔ اُس سے زیادہ اور کوئی خوبصورت نہیں ہوسکتا۔ ‘‘

چڈے نے غریب نواز اور رنجیت کمار کی طرف دیکھا جو کونے میں بیٹھے فی لس کے حسن کے متعلق اپنی اپنی رائے کا اظہار ایک دوسرے سے کرنے والے تھے۔

’’گن پاؤڈر پلوٹ کے بانیو۔ سن لو تمہاری کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ میدان چڈے کے ہاتھ رہے گا۔ کیوں ویلز کے شہزادے؟‘‘

ویلز کا شہزادہ رم کی خالی ہوتی ہوئی بوتل کی طرف حسرت بھری نظروں سے دیکھ رہا تھا۔ چڈے نے قہقہہ لگایا اور اس کو آدھا گلاس بھر کے دے دیا۔ غریب نواز اور رنجیت کمار ایک دوسرے سے فی لس کے بارے میں گھل مل کے باتیں تو کررہے تھے مگر اپنے دماغ میں وہ اسے حاصل کرنے کی مختلف اسکیمیں علیحدہ طور پر بنا رہے تھے۔ یہ ان کے طرزِ گفتگو سے صاف عیاں تھا۔ ڈرائنگ روم میں اب بجلی کے بلب روشن تھے، کیونکہ شام گہری ہو چلی تھی۔ چڈہ مجھ سے بمبئے کی فلم انڈسٹری کے تازہ حالات سن رہا تھا کہ باہر برآمدے میں ممی کی تیز تیز آواز سنائی دی۔ چڈے نے نعرہ بلند کیا اور باہر چلا گیا۔ غریب نواز نے رنجیت کمار کی طرف اور رنجیت کمار نے غریب نواز کی طرف معنی خیز نظروں سے دیکھا، پھر دونوں دروازے کی جانب دیکھنے لگے۔ ممی چہکتی ہوئی اندر داخل ہوئی۔ اس کے ساتھ چار پانچ اینگلو انڈین لڑکیاں تھیں۔ مختلف قد و قامت اور خطوط والوان کی۔ پولی، ڈولی، کِٹی، ایلما اور تھیلما۔ اور وہ ہیجڑا نما لڑکا۔ اس کو چڈہ سسِی کہہ کر پکارتا تھا۔ فی لس سب سے آخر میں نمودار ہوئی اور وہ بھی چڈے کے ساتھ۔ اس کا ایک بازو اس پلیٹنم بلونڈ کی پتلی کمر میں حمائل تھا۔ میں نے غریب نواز اور رنجیت کمار کا رد عمل نوٹ کیا۔ ان کوچڈے کی یہ نمائشی فتحمندانہ حرکت پسند نہیں آئی تھی۔ لڑکیوں کے نازل ہوتے ہی ایک شور برپا ہو گیا۔ ایک دم اتنی انگریزی برسی کہ ون کترے میٹری کولیشن امتحان میں کئی بار فیل ہوا۔ مگر اس نے کوئی پروا نہ کی اور برابر بولتا رہا۔ جب اس سے کسی نے التفات نہ برتا تو وہ ایلما کی بڑی بہن تھیلما کے ساتھ ایک صوفے پر الگ بیٹھ گیا اور پوچھنے لگا کہ اس نے ہندوستانی ڈانس کے اور کتنے نئے توڑے سیکھے ہیں۔ وہ اِدھر دھانی ناکت اور ناتھئی تھئی کہ ون، ٹو، تھری بنا بنا کر اس کو توڑے بتا رہا تھا، ادھر چڈہ باقی لڑکیوں کے جھرمٹ میں انگریزی کے ننگے ننگے لمرک سنا رہا تھا۔ جو اس کو ہزاروں کی تعداد میں زبانی یاد تھے۔ ممی سوڈے کی بوتلیں اور گزک کا سامان منگوا رہی تھی۔ رنجیت کمار سگریٹ کے کش لگا کر ٹکٹکی باندھے فی لس کی طرف دیکھ رہا تھا اور غریب نواز ممی سے بار بار کہتا تھا کہ روپے کم ہوں تو وہ اس سے لے لے۔ اسکاچ کھلی اور پہلا دور شروع ہوا۔ فی لس کو جب شام ہونے کے لیے کہا گیا تو اس نے اپنے پلیٹمنی بالوں کو ایک خفیف سا جھٹکا دے کر انکار کردیا کہ وہ وسکی نہیں پیا کرتی۔ سب نے اصرار کیا مگر وہ نہ مانی۔ چڈے نے بددلی کا اظہار کیا تو ممی نے فی لس کے لیے ہلکا سا مشروب تیار کیا اور گلاس اس کے ہونٹوں کے ساتھ لگا کر بڑے پیار سے کہا۔

’’بہادر لڑکی بنو اور پی جاؤ۔ ‘‘

فی لس انکار نہ کرسکی۔ چڈہ خوش ہو گیا۔ اور اس نے اسی خوشی میں بیس پچیس اور لمرک سنائے۔ سب مزے لیتے رہے۔ میں نے سوچا، عریانی سے تنگ آکر انسان نے سترپوشی اختیار کی ہو گی، یہی وجہ ہے کہ اب وہ سترپوشی سے اکتا کر کبھی کبھی عریانی کی طرف دوڑنے لگتا ہے۔ شائستگی کا رد عمل یقیناً ناشائستگی ہے۔ اس فرار کا قطعی طور پر ایک دلکشا پہلو بھی ہے۔ آدمی کو اس سے ایک مسلسل ایک آہنگی کی کوفت سے چند گھڑیوں کے لیے نجات مل جاتی ہے۔ میں نے ممی کی طرف دیکھا جو بہت ہشاش بشاش جوان لڑکیوں میں گھلی ملی چڈے کے ننگے ننگے لمرک سن کر ہنس رہی تھی اور قہقہے لگا رہی تھی۔ اس کے چہرے پر وہی واہیات میک اپ تھا۔ اس کے نیچے اس کی جھریاں صاف نظر آرہی تھیں مگر وہ بھی مسرور تھیں۔ میں نے سوچا، آخر لوگ کیوں فرار کو برا سمجھتے ہیں۔ وہ فرار جو میری آنکھوں کے سامنے تھے، اس کا ظاہر گو بدنما تھا، لیکن باطن اس کا بے حد خوبصورت تھا۔ اس پر کوئی بناؤ سنگھار، کوئی غازہ، کوئی ابٹنا نہیں تھا۔ پولی تھی، وہ ایک کونے میں رنجیت کمار کے ساتھ کھڑی، اپنے نئے فراک کے بارے میں بات چیت کررہی تھی اور اسے بتا رہی تھی کہ صرف اپنی ہوشیاری سے اس نے بڑے سستے داموں پر ایسی عمدہ چیز تیار کرالی ہے۔ دو ٹکڑے تھے جو بظاہر بالکل بیکار معلوم ہوتے تھے، مگر اب وہ ایک خوبصورت پوشاک میں تبدیل ہو گئے تھے۔ اور رنجیت کمار بڑے خلوص کے ساتھ اس کو دو نئے ڈریس بنوا دینے کا وعدہ کررہا تھا۔ حالانکہ اسے فلم کمپنی سے اتنے روپے یک مشت ملنے کی ہرگز ہرگز امید نہیں تھی۔ ڈولی تھی وہ غریب نواز سے کچھ قرض مانگنے کی کوشش کررہی تھی اور اس کو یقین دلا رہی تھی کہ دفتر سے تنخواہ ملنے پر وہ یہ قرض ضرور ادا کردے گی۔ غریب نواز کو قطعی طور پر معلوم تھا کہ وہ یہ روپیہ حسب معمول کبھی واپس نہیں دے گی مگر وہ اس کے وعدے پر اعتبار کیے جارہا تھا۔ تھیلما، ون کترے سے تانڈیو ناچ کے بڑے مشکل توڑے سیکھنے کی کوشش کررہی تھی۔ ون کترے کو معلوم تھا کہ ساری عمر اُس کے پیر کبھی ان کے بول ادا نہیں کر سکیں گے، مگر وہ اس کو بتائے جارہا تھا اور تھیلما بھی اچھی طرح جانتی تھی کہ وہ بیکار اپنا اورون کترے کا وقت ضائع کررہی ہے، مگر بڑے شوق اور انہماک سے سابق یاد کررہی تھی۔ ایلما اور کٹی دونوں پئے جارہی تھیں اور آپس میں کسی آٹوی کی بات کررہی تھیں جس نے پچھلی ریس میں ان دونوں سے خدا معلوم کب کا بدلہ لینے کی خاطر غلط ٹپ دی تھی۔ وہ چڈہ فی لس کے سانپ کے کھپرے ایسے رنگ کے بالوں کو پگھلے ہوئے سونے کی رنگ کی اسکاچ میں ملا ملا کر پی رہا تھا۔ فی لس کا ہیجڑہ نما دوست بار بار جیب سے کنگھی نکالتا تھا اور اپنے بال سنوارتا تھا۔ ممی کبھی اس سے بات کرتی تھی، کبھی اُس سے، کبھی سوڈا کھلواتی تھی۔ کبھی ٹوٹے ہوئے گلاس کے ٹکڑے اٹھواتی تھی۔ اس کی نگاہ سب پر تھی۔ اس بلی کی طرح، جو بظاہر آنکھیں بند کیے سستاتی ہے، مگر اس کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کے پانچوں بچے کہاں کہاں ہیں اور کیا کیا شرارت کررہے ہیں۔ اس دلچسپ تصویر میں کون سا رنگ، کون سا خط غلط تھا؟۔ ممی کا وہ بھڑکیلا اور شوخ میک اپ بھی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس تصویر کا ایک ضروری جزو ہے۔ غالب کہتا ہے ؂ قیدِ حیات و بندِ غم، اصل میں دونوں ایک ہیں۔ موت سے پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں؟۔ قیدِ حیات اور بندِ غم جب اصلاً ایک ہیں تو یہ کیا غرض ہے کہ آدمی موت سے پہلے تھوڑی دیر کے لیے نجات حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اس نجات کے لیے کون ملک الموت کا انتظار کرے۔ کیوں آدمی چند لمحات کے لیے خود فریبی کے دلچسپ کھیل میں حصہ نہ لے۔ ممی سب کی تعریف میں رطب اللسان تھی۔ اس کے پہلو میں ایسا دل تھا۔ جس میں ان سب کے لیے ممتا تھی۔ میں نے سوچا، شاید اس لیے اس نے اپنے چہرے پر رنگ مل لیا ہے کہ لوگوں کو اس کی اصلیت معلوم نہ ہو۔ اس میں شاید اتنی جسمانی قوت نہیں تھی کہ وہ ہر ایک کی ماں بن سکتی۔ اس نے اپنی شفقت اور محبت کے لیے چند آدمی چُن لیے تھے اور باقی ساری دنیا کو چھوڑ دیا تھا۔ ممی کو معلوم نہیں تھا۔ چڈہ ایک تکڑا پیگ فی لس کو پلا چکا تھا۔ چوری چھپے نہیں سب کے سامنے، مگر ممی اس وقت اندر باورچی خانے میں پوٹیٹو چپس تل رہی تھی۔ فی لس نشے میں تھی، ہلکے ہلکے سرور میں۔ جس طرح اس کے پالش کیے ہوئے فولاد کے رنگ کے بال آہستہ آہستہ لہراتے تھے، اسی طرح وہ خود بھی لہراتی تھی۔ رات کے بارہ بج چکے تھے۔ ون کترے، تھیما کو توڑے سکھا سکھا کر اب اسے بتا رہا تھا کہ اس کا باپ سالا اس سے بہت محبت کرتا تھا۔ چائلڈ ہڈ میں اس نے اس کی شادی بنا دی تھی۔ اسکی وائف بہت بیوٹی فل ہے۔ اور غریب نواز، ڈولی کو قرض دے کر بھول بھی چکا تھا۔ رنجیت کمار، پولی کو اپنے ساتھ کہیں باہر لے گیا تھا۔ ایلما اور کٹی دونوں جہان بھر کی باتیں کرکے اب تھک گئی تھیں اور آرام کرنا چاہتی تھیں۔ تپائی کے اردگرد’فی لس‘ اس کا ہیجڑا نما ساتھی اور ممی بیٹھے تھے۔ چڈہ اب جذباتی نہیں تھا۔ فی لس اس کے پہلو میں بیٹھی تھی جس نے پہلی دفعہ شراب کا سرور چکھا تھا۔ اس کو حاصل کرنے کا عزم اس کی آنکھوں میں صاف موجود تھا۔ ممی اس سے غافل نہیں تھی۔ تھوڑی دیر کے بعد فی لس کا ہیجڑہ نما دوست اٹھ کر صوفے پر دراز ہو گیا اور اپنے بالوں میں کنگھی کرتے کرتے سو گیا۔ غریب نواز اور ایلما اٹھ کر کہیں چلے گئے۔ ایلما اور کٹی نے آپس میں کسی مارگرٹ کے متعلق باتیں کرتے ہوئے ممی سے رخصت لی اور چلی گئیں۔ ون کترے نے آخری بار اپنی بیوی کی خوبصورتی کی تعریف کی اور فی لس کی طرف حسرت بھری نظروں سے دیکھا، پھر تھیلما کی طرف جو اس کے پاس بیٹھی تھی اور اس کوبازو سے پکڑ کر چاند دکھانے کے لیے باہر میدان میں لے گیا۔ ایک دم جانے کیا ہوا کہ چڈے اور ممی میں گرم گرم باتیں شروع ہو گئیں۔ چڈے کی زبان لڑکھڑا رہی تھی۔ وہ ایک ناخلف بچے کی طرح ممی سے بدزبانی کرنے لگا۔ فی لس نے دونوں میں مصالحت کی مہین مہین کوشش کی، مگر چڈا ہوا کے گھوڑے پر سوار تھا۔ وہ فی لس کو اپنے ساتھ سعیدہ کاٹیج میں لے جانا چاہتا تھا۔ ممی اس کے خلاف تھی۔ وہ اس کو بہت دیر تک سمجھاتی رہی کہ وہ اس ارادے سے باز آئے، مگر وہ اس کے لیے نہیں تھا۔ وہ بار بار ممی سے کہہ رہا تھا۔

’’تم دیوانی ہو گئی ہو۔ بوڑھی دلالہ۔ فی لس میری ہے۔ پوچھ لو اس سے‘‘

ممی نے بہت دیر تک اس کی گالیاں سنیں، آخر میں بڑے سمجھانے والے انداز میں اس سے کہا۔

’’چڈہ، مائی سن۔ تم کیوں نہیں سمجھتے۔ شی از ینگ۔ شی از ویری ینگ!‘‘

اس کی آواز میں کپکپاہٹ تھی۔ ایک التجا تھی، ایک سرزنش تھی، ایک بڑی بھیانک تصویر تھی، مگر چڈہ بالکل نہ سمجھا۔ اس وقت اس کے پیش نظر صرف فی لس اور اس کا حصول تھا۔ میں نے فی لس کی طرف دیکھا اور میں نے پہلی دفعہ بڑی شدت سے محسوس کیا کہ وہ بہت چھوٹی عمر کی تھی۔ بمشکل پندرہ برس کی۔ اس کا سفید چہرہ نقرئی بادلوں میں گھرا ہوا بارش کے پہلے قطرے کی طرح لرز رہا تھا۔ چڈے نے اس کو بازو سے پکڑ کر اپنی طرف کھینچا اور فلموں کے ہیرو کے انداز میں اسے اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا۔ ممی نے احتجاج کی چیخ بلند کی۔

’’چڈہ۔ چھوڑ دو۔ فور گاڈزسیک۔ چھوڑ دو اسے۔ ‘‘

جب چڈے نے فی لس کو اپنے سینے سے جدا نہ کیا تو ممی نے اس کے منہ پر ایک چانٹا مارا۔

’’گٹ آؤٹ۔ گٹ آؤٹ!‘‘

چڈہ بھونچکا رہ گیا۔ فی لس کو جدا کرکے اس نے دھکا دیا اور ممی کی طرف قہر آلود نگاہوں سے دیکھتا باہر چلا گیا۔ میں نے اٹھ کر رخصت لی اور چڈے کے پیچھے چلا گیا۔ سعیدہ کاٹیج پہنچ کر میں نے دیکھا کہ وہ پتلون، قمیض اور بوٹ سمیت پلنگ پر اوندھے منہ لیٹا تھا۔ میں نے اس سے کوئی بات نہ کی اور دوسرے کمرے میں جا کر بڑے میز پر سو گیا۔ صبح دیر سے اٹھا۔ گھڑی میں دس بجے رہے تھے۔ چڈہ صبح ہی صبح اٹھ کر باہر چلا گیا۔ کہاں، یہ کسی کو معلوم نہیں تھا۔ میں جب غسل خانے سے باہر نکل رہا تھا تو میں نے اس کی آواز سنی جو گراج سے باہر آرہی تھی۔ میں رک گیا۔ وہ کسی سے کہہ رہا تھا

’’وہ لاجواب عورت ہے۔ خدا کی قسم وہ لاجواب عورت ہے۔ دعا کرو کہ اس کی عمر کو پہنچ کر تم بھی ویسی ہی گریٹ ہو جاؤ۔ ‘‘

اس کے لہجے میں ایک عجیب و غریب تلخی تھی۔ معلوم نہیں اس کا رخ اس کی اپنی ذات کی جانب تھا یا اس شخص کی طرف جس سے وہ مخاطب تھا۔ میں نے زیادہ دیر وہاں رکے رہنا مناسب نہ سمجھا اور اندر چلا گیا۔ نصف گھنٹے کے قریب میں نے اس کا انتظار کیا۔ جب وہ نہ آیا تو میں پربھات نگر روانہ ہو گیا۔ میری بیوی کا مزاج معتدل تھا۔ ہریش گھر میں نہیں تھا۔ اس کی بیوی نے اس کے متعلق استفسار کیا تو میں نے کہہ دیا کہ وہ ابھی تک سو رہا ہے۔ پونے میں کافی تفریح ہو گئی تھی۔ اس لیے میں نے ہریش کی بیوی سے کہا کہ ہمیں اجازت دی جائے۔ رسماً اس نے ہمیں روکنا چاہا، مگر میں سعیدہ کاٹیج ہی سے فیصلہ کرکے چلا تھا کہ رات کا و اقعہ میرے لیے ذہنی جگالی کے واسطے بہت کافی ہے۔ ہم چل دیے۔ راستے میں ممی کی باتیں ہوئیں۔ جو کچھ ہوا تھا۔ میں نے اس کو من و عن سنا دیا۔ اس کا رد عمل یہ تھا کہ فی لس اس کی کوئی رشتہ دار ہو گی۔ یا وہ اسے کسی اچھی آسامی کو پیش کرنا چاہتی تھی جبھی اس نے چڈے سے لڑائی کی۔ میں خاموش رہا۔ اس کی تردید کی نہ تائید۔ کئی دن گزرنے پر چڈے کا خط آیا، جس میں اس رات کے واقعے کا سرسری ذکر تھا۔ اور اس نے اپنے متعلق یہ کہا تھا۔

’’میں اس روز حیوان بن گیا تھا۔ لعنت ہو مجھ پر!‘‘

تین مہینے کے بعد مجھے ایک ضروری کام سے پونے جانا پڑا۔ سیدھا سعیدہ کاٹیج پہنچا۔ چڈہ موجود نہیں تھا۔ غریب نواز سے اس وقت ملاقات ہوئی، جب وہ گراج سے باہر نکل کر شیریں کے خوردسال بچے کو پیار کررہا تھا۔ وہ بڑے تپاک سے ملا۔ تھوڑی دیر کے بعد رنجیت کمار آگیا، کچھوے کی چال چلتا اور خاموش بیٹھ گیا۔ میں اگر اس سے کچھ پوچھتا تو وہ بڑے اختصار سے جواب دیتا۔ اس سے باتوں باتوں میں معلوم ہوا کہ چڈہ اس رات کے بعد ممی کے پاس نہیں گیا اور نہ وہ کبھی یہاں آئی ہے۔ فی لس کو اس نے دوسرے روز ہی اپنے ماں باپ کے پاس بھجوا دیا تھا۔ وہ اس ہیجڑہ نما لڑکے کے ساتھ گھر سے بھاگ کر آئی ہوئی تھی۔ رنجیت کمار کو یقین تھا کہ اگر وہ کچھ دن اور پونے میں رہتی تو وہ ضرور اسے لے اڑتا۔ غریب نواز کو ایسا کوئی زعم نہیں تھا۔ اسے صرف یہ افسوس تھا کہ وہ چلی گئی۔ چڈے کے متعلق یہ پتہ چلا کہ دو تین روز سے اس کی طبیعت ناساز ہے۔ بخار رہتا ہے، مگر وہ کسی ڈا کٹر سے مشورہ نہیں لیتا۔ سارا دن ادھر ادھر گھومتا رہتا ہے۔ غریب نواز نے جب مجھے یہ باتیں بتانا شروع کریں تو رنجیت کمار اٹھ کر چلا گیا۔ میں نے سلاخوں والی کھڑکی میں سے دیکھا، اس کا رخ گراج کی طرف تھا۔ میں غریب نواز سے گراج والی شیریں کے متعلق کچھ پوچھنے کے لیے خود کو تیار ہی کررہا تھا کہ ون کترے سخت گھبرایا ہوا کمرے میں داخل ہوا اس سے معلوم ہوا کہ چڈے کو سخت بخار تھا، وہ اسے ٹانگے میں یہاں لارہا تھا کہ راستے میں بیہوش ہو گیا۔ میں اور غریب نواز باہر دوڑے۔ ٹانگے والے نے بیہوش چڈے کو سنبھالا ہوا تھا۔ ہم سب نے مل کر اسے اٹھایا اور کمرے میں پہنچا کربستر پر لٹا دیا۔ میں نے اسکے ماتھے پر ہاتھ رکھ کر دیکھا۔ واقعی بہت تیز بخار تھا۔ ایک سوچھ ڈگری سے قطعاً کم نہ ہو گا۔ میں نے غریب نواز سے کہا کہ فوراً ڈاکٹر کو بلانا چاہیے۔ اس نے ون کترے سے مشورہ کیا۔ وہ

’’ابھی آتا ہوں‘‘

کہہ کر چلا گیا۔ جب واپس آیا تو اس کے ساتھ ممی تھی جو ہانپ رہی تھی۔ اندر داخل ہوتے ہی اس نے چڈے کی طرف دیکھا اور قریب قریب چیخ کر پوچھا۔

’’کیا ہوا میرے بیٹے کو؟‘‘

ون کترے نے جب اسے بتایا کہ چڈہ کئی دن سے بیمار تھا تو ممی نے بڑے رنج اور غصے کے ساتھ کہا

’’تم کیسے لوگ ہو۔ مجھے اطلاع کیوں نہ دی۔ ‘‘

پھر اس نے غریب نواز، مجھے اور ون کترے کو مختلف ہدایات دیں۔ ایک کو چڈے کے پاس سہلانے کی، دوسرے کو برف لانے کی اور تیسرے کو پنکھا کرنے کی۔ چڈے کی حالت دیکھ کر اس کی اپنی حالت بہت غیر ہو گئی تھی۔ لیکن اس نے تحمل سے کام لیا اور ڈ اکٹر بلانے چلی گئی۔ معلوم نہیں رنجیت کمار کو گراج میں کیسے پتہ چلا۔ ممی کے جانے کے بعد فوراً وہ گھبرایا ہوا آیا۔ جب اس نے استفسار کیا توون کترے نے اس کے بیہوش ہونے کا واقعہ بیان کردیا اور یہ بھی بتا دیا کہ ممی ڈاکٹر کے پاس گئی ہے۔ یہ سن کر رنجیت کمار کا اضطراب کسی حد تک دور ہو گیا۔ میں نے دیکھا کہ وہ تینوں بہت مطمئن تھے، جیسے چڈے کی صحت کی ساری ذمہ داری ممی نے اپنے سر لے لی ہے۔ اس کی ہدایات کے مطابق چڈے کے پاؤں سہلائے جارہے تھے۔ سر پر برف کی پٹیاں رکھی جارہی تھیں۔ جب ممی ڈاکٹر لے کر آئی تو وہ کسی قدر ہوش میں آرہا تھا۔ ڈاکٹر نے معائنے میں کافی دیر لگائی۔ اس کے چہرے سے معلوم ہوتا تھا کہ چڈے کی زندگی میں خطرے میں ہے۔ معائنے کے بعد ڈاکٹر نے ممی کو اشارہ کیا اور وہ کمرے سے باہر چلے گئے۔ میں نے سلاخوں والی کھڑکی میں سے دیکھا گراج کے ٹاٹ کا پردہ ہل رہا تھا۔ تھوڑی دیر کے بعد ممی آئی۔ غریب نواز، ون کترے اور رنجیت کمار سے اس نے فرداً فرداً کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ چڈہ اب آنکھیں کھول کر سن رہا تھا۔ ممی کو اس نے حیرت کی نگاہوں سے نہیں دیکھا تھا۔ لیکن وہ الجھن سی محسوس کررہا تھا۔ چند لمحات کے بعد جب وہ سمجھ گیا کہ ممی کیوں اور کیسے آئی ہے تو اس نے ممی کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیا اور دبا کر کہا

’’ممی، یو آر گریٹ!‘‘

ممی اس کے پاس پلنگ پر بیٹھ گئی۔ وہ شفقت کا مجسمہ تھی۔ چڈے کے تپتے ہوئے ماتھے پر ہاتھ پھیر کر اس نے مسکرائے ہوتے صرف اتنا کہا

’’میرے بیٹے۔ میرے غریب بیٹے!‘‘

چڈے کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ لیکن فوراً ہی اس نے ان کو جذب کرنے کی کوشش اور کہا

’’نہیں۔ تمہارا بیٹا اول درجے کا سکاؤنڈرل ہے۔ جاؤ اپنے مرحوم خاوند کا پستول لاؤ اور اس کے سینے پر داغ دو!‘‘

ممی نے چڈے کے گال پر ہولے سے طمانچہ مارا

’’فضول بکواس نہ کرو۔ ‘‘

پھر وہ چست و چالاک نرس کی طرح اٹھی اور ہم سب سے مخاطب ہو کر کہا۔

’’لڑکو۔ چڈہ بیمار ہے، اور مجھے ہسپتال لے جانا ہے اسے۔ سمجھے؟‘‘

سب سمجھ گئے۔ غریب نواز نے فوراً ٹیکسی کا بندوبست کردیا۔ چڈے کو اٹھا کر اس میں ڈالا گیا۔ وہ بہت کہتا رہا کہ اتنی کونسی آفت آگئی ہے جو اس کو ہسپتال کے سپرد کیا جارہا ہے۔ مگر ممی یہی کہتی رہی کہ بات کچھ بھی نہیں۔ ہسپتال میں ذرا آرام رہتا ہے۔ چڈہ بہت ضدی تھا۔ مگر نفسیاتی طور پر وہ اس وقت ممی کی کسی بات سے انکار نہیں کرسکتا تھا۔ چڈہ ہسپتال میں داخل ہو گیا۔ ممی نے اکیلے میں مجھے بتایا کہ مرض بہت خطرناک ہے۔ یعنی پلیگ۔ یہ سن کر میرے اوسان خطا ہو گئے۔ خود ممی بہت پریشان تھی۔ لیکن اس کو امید تھی کہ یہ بلا ٹل جائے گی اور چڈہ بہت جلد تندرست ہو جائے گا۔ علاج ہوتا رہا۔ پرائیویٹ ہسپتال تھا۔ ڈاکٹروں نے چڈے کا علاج بہت توجہ سے کیا مگر کئی پیچیدگیاں پیدا ہو گئیں۔ اس کی جلد جگہ جگہ سے پھٹنے لگی۔ اور بخار بڑھتا گیا۔ ڈاکٹروں نے بالآخر یہ رائے دی کہ اسے بمبئی لے جاؤ، مگر ممی نہ مانی۔ اس نے چڈے کو اسی حالت میں اٹھوایا اور اپنے گھر لے گئی۔ میں زپادہ دیر پونے میں نہیں ٹھہر سکتا تھا۔ واپس بمبئی آیا تو میں نے ٹیلی فون کے ذریعے سے کئی مرتبہ اس کا حال دریافت کیا۔ میرا خیال تھا کہ وہ پلیگ کے حملے سے جانبر نہ ہوسکے گا۔ مگر مجھے معلوم ہوا کہ آہستہ آہستہ اس کی حالت سنبھل رہی ہے۔ ایک مقدمے کے سلسلے میں مجھے لاہور جانا پڑا۔ وہاں سے پندرہ روز کے بعد لوٹا تو میری بیوی نے چڈے کا ایک خط دیا جس صرف یہ لکھا تھا

’’عظیم المرتبت ممی نے اپنے ناخلف بیٹے کو موت کے منہ سے بچا لیا ہے۔ ‘‘

ان چند لفظوں میں بہت کچھ تھا۔ جذبات کا ایک پورا سمندرتھا۔ میں نے اپنی بیوی سے اس کا ذکر خلافِ معمول بڑے جذباتی انداز میں کیا تو اسنے متاثر ہو کر صرف اتنا کہا

’’ایسی عورتیں عموماً خدمت گزار ہوا کرتی ہیں۔ ‘‘

میں نے چڈے کو دو تین خط لکھے، جن کا جواب نہ آیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ممی نے اس کو تبدیلی آب و ہوا کی خاطر اپنی ایک سہیلی کے ہاں لوناولہ بھجوا دیا تھا۔ چڈہ وہاں بمشکل ایک مہینہ رہا اور اکتا کر چلا آیا۔ جس روز وہ پونے پہنچا اتفاق سے میں وہیں تھا۔ پلیگ کے زبردست حملے کے باعث وہ بہت کمزور ہو گیا تھا۔ مگر اس کی غوغا پسند طبیعت اسی طرح زوروں پر تھی۔ اپنی بیماری کا اس نے اس انداز میں ذکر کیا کہ جس طرح آدمی سائیکل کے معمولی حادثے کا ذکر کرتا ہے۔ اب کہ وہ جانبر ہو گیا تھا، اپنی خطرناک علالت کے متعلق تفصیلی گفتگو اسے بیکار معلوم ہوتی تھی۔ سعیدہ کاٹیج میں چڈے کی غیر حاضری کے دوران میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہوئی تھیں۔ ایل برادران یعنی عقیل اور شکیل کہیں اور اٹھ گئے تھے۔ کیونکہ انھیں اپنی ذاتی فلم کمپنی قائم کرنے کے لیے سعیدہ کاٹیج کی فضا مناسب و موزوں معلوم نہیں ہوتی تھی۔ اس کی جگہ ایک بنگالی میوزک ڈائریکٹر آگیا تھا۔ اس کا نام سین تھا۔ اس کے ساتھ لاہور سے بھاگا ہوا ایک لڑکا رام سنگھ رہتا تھا۔ سعیدہ کاٹیج والے سب اس سے کام لیتے تھے۔ طبعیت کا بہت شریف اور خدمت گزار تھا۔ چڈے کے پاس اس وقت آیا تھا جب وہ ممی کے کہنے پر لوناولہ جارہا تھا۔ اس نے غریب نواز اور رنجیت کمار سے کہہ دیا تھا کہ اسے سعیدہ کاٹیج میں رکھ لیا جائے۔ سین کے کمرے میں چونکہ جگہ خالی تھی، اس لیے اس نے وہیں اپنا ڈیرہ جما دیا تھا۔ رنجیت کمار کو کمپنی کے نئے فلم میں ہیرو منتخب کرلیا گیا اور اس کے ساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہوا تو اس کو دوسرا فلم ڈائریکٹ کرنے کا موقعہ دیا جائے گا۔ چڈہ اپنی دو برس کی جمع شدہ تنخواہ میں سے ڈیڑھ ہزار روپیہ یک مشت حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکا تھا۔ اس نے رنجیت کمار سے کہا تھا۔

’’میری جان اگر کچھ وصول کرنا ہے تو پلیگ میں مبتلا ہو جاؤ۔ ہیرو اور ڈائریکٹر بننے سے میرا تو خیال ہے یہی بہتر ہے۔ ‘‘

غریب نواز تازہ تازہ حیدر آباد سے واپس آیا تھا۔ اس لیے سعیدہ کاٹیج کسی قدر مرفع الحال تھی۔ میں نے دیکھا کہ گراج کے باہر الگنی سے ایسی قمیض اور شلواریں لٹک رہی تھیں جن کپڑا اچھا اور قیمتی تھا۔ شیریں کے خوردسال بچے کے پاس نئے کھلونے تھے۔ مجھے پونے میں پندرہ روز رہنا پڑا۔ میرا پرانا فلموں کا ساتھی اب نئے فلم کی ہیروئن کی محبت میں گرفتار ہونے کی کوشش میں مصروف تھا۔ مگر ڈرتا تھا۔ کیونکہ یہ ہیروئن پنجابی تھی اور اس کا خاوند بڑی بڑی مونچھوں والا ہٹا کٹا مشٹنڈا تھا۔ چڈے نے اس کو حوصلہ دیا تھا

’’کچھ پروا نہ کرو اس سالے کی۔ جس پنجابی ایکٹرس کا خاوند بڑی بڑی مونچھوں والا پہلوان ہو، وہ عشق کے میدان میں ضرور چاروں شانے چت گرا کرتا ہے۔ بس اتنا کرو کہ سو روپے فی گالی کے حساب سے مجھ سے پنجابی کی دس بیس بڑی ہیوی ویٹ قسم کی گالیاں سیکھ لو۔ یہ تمہاری خاص مشکلوں میں بہت کام آیا کریں گی۔ ‘‘

ہریش ایک بوتل فی گلاس کے حساب سے چھ گالیاں پنجاب کے مخصوص لب ولہجے میں یاد کر چکا تھا۔ مگر ابھی تک اسے اپنے عش کے راستے میں کوئی ایسی خاص مشکل درپیش نہیں آئی تھی جو وہ ان کی تاثیر کا امتحان لے سکتا۔ ممی کے گھر حسب معمول محفلیں جمتی تھیں۔ پولی۔ ڈولی۔ کٹی۔ ایلما۔ تھیلما وغیرہ سب آئی تھیں۔ ون کترے بدستور تھیلما کو کتھا کلی اور تانڈیو ناچ کی تاتھئی اور دھانی ناکت کی ون ٹو تھری بنا بنا کر بتاتا تھا۔ اور وہ اسے سیکھنے کی پر خلوص کوشش کرتی تھی۔ غریب نواز حسب توفیق قرض دے رہا تھا اور رنجیت کمار جس کو اب کمپنی کے نئے فلم میں ہیرو کا چانس مل رہا تھا۔ ان میں سے کسی ایک کو باہر کھلی ہوا میں لے جاتا تھا۔ چڈے کے ننگے ننگے لمرک سن کر اسی طرح قہقہے برپا ہوتے تھے۔ ایک صرف وہ نہیں تھی۔ وہ جس کے بالوں کے رنگ کے لیے صحیح تشبیہہ ڈھونڈنے میں چڈے نے کافی وقت صرف کیا تھا۔ مگر ان محفلوں میں چڈے کی نگاہیں اسے ڈھونڈتی نہیں تھی۔ پھر بھی کبھی کبھی چڈے کی نظریں ممی کی نظروں سے ٹکرا کر جھک جاتی تھیں تو میں محسوس کرتا تھا کہ اس کو اپنی اس رات کی دیوانگی کا افسوس ہے۔ ایسا افسوس جس کی یاد سے اس کو تکلیف ہوتی ہے۔ چنانچہ چوتھے پیگ کے بعد کسی وقت اس قسم کا جملہ اس کی زبان سے بے اختیار نکل جاتا۔

’’چڈہ۔ یو آر اے ڈیمڈ بروٹ!‘‘

یہ سن کر ممی زیر لب مسکرا دیتی تھی، جیسے وہ اس مسکراہٹ کی شیرینی میں لپیٹ لپیٹ کر یہ کہہ رہی ہے۔

’’ڈونٹ ٹوک روٹ۔ ‘‘

ون کترے سے بدستور اس کی چخ چلتی تھی۔ سرور میں آکر جب بھی وہ اپنے باپ کی تعریف میں یا اپنی بیوی کی خوبصورتی کے متعلق کچھ کہنے لگتا تو وہ اس کی بات بہت بڑے گنڈاسے سے کاٹ ڈالتا۔ وہ غریب چپ ہو جاتا اور اپنا میٹری کولیشن سرٹیفکیٹ تہہ کرکے جیب میں ڈال لیتا۔ ممی، وہی ممی تھی۔ پولی کی ممی، ڈولی کی ممی، چڈے کی ممی، رنجیت کمار کی ممی۔ سوڈے کی بوتلوں، گزک چیزوں اور محفل جمانے کے دوسروں ساز و سامان کے انتظام میں وہ اسی پر شفقت انہماک سے حصہ لیتی تھی۔ اس کے چہرے کا میک اپ ویسا ہی واہیات ہوتا تھا۔ اس کے کپڑے اسی طرح کے شوخ و شنگ تھے۔ غا زے اور سرخی کی تہوں سے اس کی جھریاں اسی طرح جھانکتی تھیں۔ مگر اب مجھے یہ مقدس دکھائی دیتی تھیں۔ اتنی مقدس کہ پلیک کے کیڑے ان تک نہیں پہنچ سکے تھے۔ ڈر کر، سمٹ کر، وہ ڈر گئے تھے۔ چڈے کے جسم سے بھی نکل بھاگے تھے کہ اس پر ان جھریوں کا سایہ تھا۔ ان مقدس جھریوں کا جو ہر وقت نہایت واہیات رنگوں میں لتھڑی رہتی تھیں۔ ون کترے کی خوبصورت بیوی کے جب اسقاط ہوا تھا تو ممی ہی کی بروقت امداد سے اس کی جان بچی تھی۔ تھیلما جب ہندوستانی رقص سیکھنے کے شوق میں مارواڑ کے ایک کتھک کے ہتھے چڑھ گئی تھی اور اس سودے میں ایک روز جب اس کو اچانک معلوم ہوا تھا کہ اس نے ایک مرض خرید لیا ہے تو ممی نے اس کو بہت ڈانٹا تھا۔ اور اس کو جہنم سپرد کرکے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اس سے قطع تعلق کرنے کا تہیہ کرلیا تھا مگر اس کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر اس کا دل پسیج گیا تھا۔ اس نے اسی روز شام کو اپنے بیٹوں کو ساری بات سنا دی تھی اور اس سے درخواست کی تھی کہ وہ تھیلما کا علاج کرائیں۔ کٹی کو ایک معما حل کرنے کے سلسلے میں پانچ سو روپے کا انعام ملا تھا، تو اس نے مجبور کیا تھا کہ وہ کم از کم اس کے آدھے روپے غریب نواز کو دے دے، کیونکہ اس غریب کا ہاتھ تنگ ہے۔ اس نے کٹی سے کہا تھا

’’تم اس وقت اسے دے دو۔ بعد میں لیتی رہنا‘‘

اور مجھ سے اس نے پندرہ روز کے قیام کے دوران میں کئی مرتبہ میری مسز کے بارے میں پوچھا تھا اور تشویش کا اظہار کیا تھا کہ پہلے بچے کی موت کو اتنے برس ہو گئے ہیں، دوسرا بچہ کیوں نہیں ہوا۔ رنجیت کمار سے زیادہ رغبت کے ساتھ بات نہیں کرتی تھی۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس کی نمائش پسند طبیعت اس کو اچھی نہیں لگتی۔ میرے سامنے اس کا اظہار وہ ایک دو مرتبہ لفظوں میں بھی کر چکی تھی۔ میوزک ڈائریکٹر سین سے وہ نفرت کرتی تھی۔ چڈہ اس کو اپنے ساتھ لاتا تھا تووہ اس سے کہتی تھی

’’ایسے ذلیل آدمی کو یہاں مت لایا کرو۔ ‘‘

چڈہ اس سے وجہ پوچھتا تو وہ بڑی سنجیدگی سے یہ جواب دیتی تھی کہ

’’مجھے یہ آدمی اوپرا اوپراسا معلوم ہوتا ہے۔ فٹ نہیں بیٹھتا میری نظروں میں۔ ‘‘

یہ سن کر چڈہ ہنس دیتا تھا۔ ممی کے گھر کی محفلوں کی پُرخلوص گرمی لیے میں واپس بمبئے چلا گیا۔ ان محفلوں میں زندگی تھی، بلا نوشی تھی، جنسیاتی رنگ تھا۔ مگر کوئی الجھاؤ نہیں تھا۔ ہر چیز حاملہ عورت کے پیٹ کی طرح قابل فہم تھی۔ اسی طرح ابھری ہوئی۔ بظاہر اسی طرح کڈھب، بینڈی اور دیکھنے والے کو گومگو کی حالت میں ڈالنے والی۔ مگر اصل میں بڑی صحیح، با سلیقہ اور اپنی جگہ پر قائم۔ دوسرے روز صبح کے اخباروں میں یہ پڑھا کہ سعیدہ کاٹیج میں بنگالی میوزک ڈائریکٹر سین مارا گیا ہے۔ اس کو قتل کرنے والا کوئی رام سنگھ ہے جس کی عمر چودہ پندرہ برس کے قریب بتائی جاتی ہے۔ میں نے فوراً پونے ٹیلیفون کیا مگرکوئی نہ مل سکا۔ ایک ہفتے کے بعد چڈے کا خط آیا جس میں حادثہ قتل کی پوری تفصیل تھی۔ رات کو سب سوئے تھے کہ چڈے کے پلنگ پر اچانک کوئی گرا۔ وہ ہڑبڑا کر اٹھا۔ روشنی کی تو دیکھا کہ سین ہے۔ خون میں لت پت۔ چڈہ اچھی طرح اپنے ہوش و حواس سنبھالنے بھی نہ پایا تھا کہ دروازے میں رام سنگھ نمودار ہوا۔ اس کے ہاتھ چھری تھی۔ فوراً ہی غریب نواز اور رنجیت کمار بھی آگئے۔ ساری سعیدہ کاٹیج بیدار ہو گئی۔ رنجیت کمار اور غریب نواز نے رام سنگھ کو پکڑ لیا اور چھری اس کے ہاتھ سے چھین لی۔ چڈے نے سین کو اپنے پلنگ پر لٹایا اور اس سے زخموں کے متعلق کچھ پوچھنے ہی والا تھا کہ اس نے آخری ہچکی لی اور ٹھنڈا ہو گیا۔ رام سنگھ، غریب نواز اور رنجیت کمار کی گرفت میں تھا، مگر وہ دونوں کانپ رہے تھے۔ سین مر گیا تو رام سنگھ نے چڈے سے پوچھا

’’بھاپا جی۔ مر گیا؟‘‘

چڈے نے اثبات میں جواب دیا تو رام سنگھ نے رنجیت کمار اور غریب نواز سے کہا

’’مجھے چھوڑ دیجیے، میں بھاگوں گا نہیں۔ ‘‘

چڈے کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ کیا کرے۔ اس نے فوراً نوکر کو بھیج کر ممی کو بلوایا۔ ممی آئی تو سب مطمئن ہو گئے کہ معاملہ سلجھ جائے گا۔ اس نے رام سنگھ کو آزاد کردیا اور تھوڑی دیر کے بعد اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے گئی جہاں اس کا بیان درج کرادیا گیا۔ اس کے بعد چڈہ اور اس کے ساتھی کئی دن تک سخت پریشان رہے۔ پولیس کی پوچھ گچھ، بیانات، پھر عدالت میں مقدمے کی پیروی۔ ممی اس دوران میں بہت دوڑ دھوپ کرتی رہی تھی۔ چڈہ کو یقین تھا کہ رام سنگھ بری ہو جائے گا۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا۔ ماتحت عدالت ہی نے اسے صاف بری کردیا۔ عدالت میں اس کا وہی بیان تھا جو اس نے تھانے میں دیا تھا۔ ممی نے اس سے کہا تھا

’’بیٹا گھبراؤ نہیں، جو کچھ ہوا ہے سچ بچ بتا دو۔ ‘‘

۔ اور اس نے تمام و اقعات من و عن بیان کردیے تھے کہ سین نے اس کو پلے بیگ سنگر بنا دینے کا لالچ دیا تھا۔ اس کو خود بھی موسیقی سے بڑا لگاؤ تھا اور سین بہت اچھا گانے والا تھا۔ وہ اس چکر میں آکر اس کی شہوانی خواہشات کو پوری کرتا رہا۔ مگر اس کو اس سے سخت نفرت تھی۔ اس کا دل بار بار اسے لعنت ملامت کرتا تھا۔ آخر میں وہ اسقدر تنگ آگیا تھا کہ اس نے سین سے کہہ بھی دیا تھا کہ اگر اس نے پھر اسے مجبور کیا تو وہ اسے جان سے مار ڈالے گا۔ چنانچہ واردات کی رات کو یہی ہوا۔ عدالت میں اس نے یہی بیان دیا۔ ممی موجود تھی۔ آنکھوں ہی آنکھوں میں وہ رام سنگھ کو دلاسا دیتی رہی کہ گھبراؤ نہیں، جو سچ ہے کہہ دو۔ سچ کی ہمیشہ فتح ہوتی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ تمہارے ہاتھوں نے خون کیا ہے مگر ایک بڑی نجس چیز ہے۔ ایک خباثت کا، ایک غیر فطری سودے کا۔ رام سنگھ نے بڑی سادگی، بڑے بھولپن اور بڑے معصومانہ انداز میں سارے واقعات بیان کیے۔ مجسٹریٹ اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے رام سنگھ کو بری کردیا۔ چڈے نے کہا

’’اس جھوٹے زمانے میں یہ صداقت کی حیرت انگیز فتح ہے۔ اور اس کا سہرہ میری بڈھی ممی کے سر ہے!‘‘

چڈے نے مجھے اس جلسے میں بلایا تھا جو رام سنگھ کی رہائی کی خوشی میں سعیدہ کاٹیج والوں نے کیا تھا۔ مگر میں مصروفیت کے باعث اس میں شریک نہ ہوسکا۔ ایل بردارز شکیل اور عقیل دونوں واپس سعیدہ کاٹیج آگئے تھے۔ باہر کی فضا بھی ان کی ذاتی فلم کمپنی کی تاسیس و تعمیر کے لیے راس نہ آئی تھی۔ اب وہ پھر اپنی پرانی فلم کمپنی میں کسی اسسٹنٹ کے اسسٹنٹ ہو گئے تھے۔ ان دونوں کے پاس اس سرمائے میں سے چند سو باقی بچے ہوئے تھے جو انھوں نے اپنی فلم کمپنی کی بنیادوں کے لیے فراہم کیا تھا۔ چڈے کے مشورے پر انھوں نے یہ سب رویہ جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے دیا۔ چڈے نے ان سے کہا تھا

’’اب میں چار پیگ پی کر دعا کروں گا کہ وہ تمہاری ذاتی فلم کمپنی فوراً کھڑی کردے۔ ‘‘

چڈے کا بیان تھا کہ اس جلسے میں ون کترے نے شراب پی کر خلافِ معمول اپنے سالے باپ کی تعریف نہ کی اور نہ اپنی خوبصورت بیوی کا ذکر کیا۔ غریب نواز نے کٹی کی فوری ضروریات کے پیش نظر اس کو دوسو روپے قرض دیے اور رنجیت کمار سے اس نے کہا تھا

’’تم ان بیچاری لڑکیوں کو یونہی جھانسے نہ دیا کرو۔ ہو سکتا ہے کہ تمہاری نیت صاف ہو، مگر لینے کے معاملے میں ان کی نیت اتنی صاف نہیں ہوتی۔ کچھ نہ کچھ دے دیا کرو!‘‘

ممی نے اس جلسے میں رام سنگھ کو بہت پیار کیا، اور سب کو یہ مشورہ دیا کہ اسے گھر واپس جانے کے لیے کہا جائے۔ چنانچہ وہیں فیصلہ ہوا اور دوسرے روز غریب نواز نے اس کے ٹکٹ کا بندوبست کردیا۔ شیریں نے سفر کے لیے اس کو کھانا پکا کردیا۔ اسٹیشن پر سب اس کو چھوڑنے گئے۔ ٹرین چلی تو وہ دیر تک ہاتھ ہلاتے رہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں مجھے اس جلسے کے دس روز بعد معلوم ہوئیں۔ جب مجھ ایک ضروری کام سے پونے جانا پڑا۔ سعیدہ کاٹیج میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی تھی۔ ایسا معلوم تھا کہ وہ ایسا پڑاؤ ہے جس کی شکل و صورت ہزار ہا قافلوں کے ٹھہرنے سے بھی تبدیل نہیں ہوتی۔ وہ کچھ ایسی جگہ تھی جو اپنا خلا خود ہی پُر کردیتی تھی۔ میں جس روز وہاں پہنچا۔ شیرینی بٹ رہی تھی۔ شیریں کے گھر ایک اور لڑکا ہوا تھا۔ ون کترے کے ہاتھ میں گلیکسو کا ڈبہ تھا۔ ان دنوں یہ بڑی مشکل سے دستیاب ہوتا تھا۔ اس نے اپنے بچے کے لیے کہیں سے دو پیدا کیے تھے۔ ان میں سے ایک وہ شیریں کے نوزائیدہ لڑکے کے لیے لے آیا تھا۔ چڈے نے آخری دو لڈو اس کے منہ میں ٹھونسے اور کہا

’’تو یہ گلیکسو کا ڈبہ لے آیا ہے۔ بڑا کمال کیا ہے تو نے۔ اپنے سالے باپ اور اپنی سالی بیوی کی دیکھنا، ہرگز کوئی بات نہ کرنا۔ ‘‘

ون کترے نے بڑے بھولپن کے ساتھ کہا

’’سالے، میں اب کوئی پئے لاہوں۔ وہ تو دارو بولا کرتی ہے۔ ویسے بائی گاڈ۔ میری بیوی بڑی ہینڈسم ہے۔ ‘‘

چڈے نے اس قدر بے تحاشا قہقہہ لگایا کہ ون کترے کو اور کچھ کہنے کا موقع نہ ملا۔ اس کے بعد چڈہ، غریب نواز اور رنجیت کمار مجھ سے متوجہ ہوئے اور اس کہانی کی باتیں شروع ہو گئیں جو میں اپنے پرانے فلموں کے ساتھی کے ذریعے سے وہاں کے ایک پروڈیوسر کے لیے لکھ رہا تھا۔ پھر کچھ دیر شیریں کے نوزائیدہ لڑکے کا نام مقرر ہوتا رہا۔ سینکڑوں نام پیش ہوئے مگر چڈے کو پسند نہ آئے۔ آخرمیں نے کہا کہ جائے پیدائش یعنی سعیدہ کاٹیج کی رعایت سے لڑکا مولودِ مسعود ہے۔ اس لیے مسعود نام بہتر رہے گا۔ چڈے کو پسند نہیں تھا لیکن اس نے عارضی طور پر قبول کرلیا۔ اس دوران میں میں نے محسوس کیا کہ چڈہ، غریب نواز اور رنجیت کمار تینوں کی طبیعت کسی قدر بجھی بجھی سی تھی۔ میں نے سوچا شاید خزاں کے موسم کی وجہ ہے۔ جب آدمی خواہ مخواہ تھکاوٹ محسوس کرتا ہے۔ شیریں کا نیا بچہ بھی اس خفیف اضمحلال کا باعث ہو سکتا تھا۔ لیکن یہ شبہ استدلال پر پورا نہیں اترتا تھا۔ سین کے قل کی ٹریجڈی؟۔ معلوم نہیں۔ کیا وجہ تھی۔ لیکن میں نے یہ قطعی طور پر محسوس کیا تھا کہ وہ سب افسردہ تھے۔ بظاہر ہنستے تھے، بولتے تھے مگر اندرونی طور پر مضطرب تھے۔ میں پربھات نگر میں اپنے پرانے فلموں کے ساتھی کے گھر میں کہانی لکھتا رہا۔ یہ مصروفیت پورے سات دن جاری رہی۔ مجھے بار بار خیال آتا تھا کہ اس دوران میں چڈے نے خلل اندازی کیوں نہیں کی۔ ون کترے بھی کہیں غائب تھا۔ رنجیت کمار سے میرے کوئی اتنے مراسم نہیں تھے کہ وہ میرے پاس اتنی دور آتا۔ غریب نواز کے متعلق میں نے سوچا تھا کہ شاید حیدر آباد چلا گیا ہو۔ اور میرا پرانا فلموں کا ساتھی اپنے نئے فلم کی ہیروئن سے اس کے گھر میں اس کے بڑی بڑی مونچھوں والے خاوند کی موجودگی میں عشق لڑانے کا مصمم ارادہ کررہا تھا۔ میں اپنی کہانی کے ایک بڑے دلچسپ باب کا منظر نامہ تیار کررہا تھا کہ چڈہ بلائے ناگہانی کی طرح نازل ہوا۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی اس نے مجھ سے پوچھا

’’اس بکواس کا تم نے کچھ وصول کیا ہے۔ ‘‘

اس کا اشارہ میری کہانی کی طرف تھا جس کے معاوضے کی دوسری قسط میں نے دو روز ہوئے وصول کی تھی۔

’’ہاں۔ دوسرا ہزار پرسوں لیا ہے۔ ‘‘

’’کہاں ہے یہ ہزار؟‘‘

یہ کہتا چڈہ میرے کوٹ کی طرف بڑھا۔

’’میری جیب میں!‘‘

چڈے نے میری جیب میں ہاتھ ڈالا۔ سوسو کے چار نوٹ نکالے اور مجھ سے کہا۔

’’آج شام کو ممی کے ہاں پہنچ جانا۔ ایک پارٹی ہے!‘‘

میں اس پارٹی کے متعلق اس سے کچھ دریافت ہی کرنے والا تھا کہ وہ چلا گیا۔ وہ افسردگی جو میں نے چند روز پہلے اس میں محسوس کی تھی بدستور موجود تھی۔ وہ کچھ مضطرب بھی تھا۔ میں نے اس کے متعلق سوچنا چاہا مگر دماغ مائل نہ ہوا کہانی کے دلچسپ باب کا منظر نامہ اس میں بری طرح پھنسا تھا۔ اپنے پرانے فلموں کے ساتھی کی بیوی سے اپنی بیوی کی باتیں کرکے شام کو ساڑھے پانچ بجے کے قریب میں وہاں سے روانہ ہو کر سات بجے سعیدہ کاٹیج پہنچا۔ گراج کے باہر الگنی پر گیلے گیلے پوتڑے لٹک رہے تھے۔ اور نل کے پاس ایل برادران شیریں کے بڑے لڑکے کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ گراج کے ٹاٹ کا پردہ ہٹا ہوا تھا اور شیریں ان سے غالباً ممی کی باتیں کرہی تھی۔ مجھے دیکھ کر وہ چپ ہو گئے۔ میں نے چڈے کے متعلق پوچھا تو عقیل نے کہا کہ وہ ممی کے گھر مل جائے گا۔ میں وہاں پہنچا تو ایک شوربرپا تھا۔ سب ناچ رہے تھے۔ غریب نواز پولی کے ساتھ، رنجیت کمار، کٹی اور ایلما کے ساتھ اور ون کترے تھیلما کے ساتھ۔ وہ اس کو کتھا کلی کے مدرے بتا رہا تھا۔ چڈہ ممی کو گود میں اٹھائے ادھر ادھر کود رہا تھا۔ سب نشے میں تھے۔ ایک طوفان مچا ہوا تھا۔ میں اندر داخل ہوا تو سب سے پہلے چڈے نے نعرہ لگایا۔ اس کے بعد دیسی اور نیم بدیشی آوازوں کا ایک گولہ سا پھٹا جس کی گونج دیر تک کانوں میں سرسرارتی رہی۔ ممی بڑے تپاک سے ملی۔ ایسے تپاک سے جو بے تکلفی کی حد تک بڑھا ہوا تھا۔ میرا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیکر اس نے کہا

’’کس می ڈئر!‘‘

لیکن اس نے خود ہی میرا ایک گال چوم لیا اور گھسیٹ کرناچنے والوں کے جھرمٹ میں لے گئی۔ چڈہ ایک دم پکارا۔ بند کرو۔ اب شراب کا دور چلے گا۔ ‘‘

پھر اس نے نوکر کو آواز دی

’’اسکاٹ لینڈ کے شہزادے۔ وسکی کی نئی بوتل لاؤ۔ ‘‘

اسکاٹ لینڈ کاشہزادہ نئی بوتل لے آیا۔ نشے میں دھت تھا۔ بوتل کھولنے لگا تو ہاتھ سے گری اور چکنا چور ہو گئی۔ ممی نے اس کو ڈ انٹنا چاہا تو چڈے نے روک دیا اور کہا

’’ایک بوتل ٹوٹی ہے ممی۔ جانے دو، یہاں دل ٹوٹے ہوئے ہیں۔ ‘‘

محفل ایک دم سونی ہو گئی۔ لیکن فوراً ہی چڈے نے اس لمحاتی افسردگی کو اپنے قہقہوں سے درہم برہم کردیا۔ نئی بوتل آئی۔ ہر گلاس میں گرانڈیل پیگ ڈالا گیا۔ چڈے نے بے ربط سی تقریر شر وع ہوئی

’’لیڈیز اینڈ جنٹلمین۔ آپ سب جہنم میں جائیں۔ منٹو ہمارے درمیان موجود ہے۔ بزعم خود بہت بڑا افسانہ نگار بنتا ہے۔ انسانی نفسیات کی۔ وہ کیا کہتے ہیں عمیق ترین گہرائیوں میں اتر جاتا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ بکواس ہے۔ کنویں میں اترنے والے۔ کنوئیں میں اترنے والے‘‘

اس نے ادھر ادھر دیکھا

’’افسوس کہ یہاں کوئی ہندستوڑ نہیں۔ ایک حیدر آبادی ہے جو قاف کو خاف کہتا ہے اور جس سے دس برس پیچھے ملاقات ہوئی تو کہے گا، پرسوں آپ سے ملا تھا۔ لعنت ہو اس کے نظام حیدر آباد پر جس کے پاس کئی لاکھ ٹن سونا ہے۔ کروڑ ہا جواہرات ہیں، لیکن ایک ممی نہیں۔ ہاں۔ وہ کنوئیں میں اترنے والے۔ میں نے کیا کہا تھا کہ سب بکواس ہے۔ پنجابی میں جنھیں ٹوبہے کہتے ہیں۔ وہ غوطہ لگانے والے، وہ اس کے مقابلے میں انسانی نفسیات کو بدرجہا بہتر سمجھتے ہیں۔ اس لیے میں کہتا ہوں۔ ‘‘

سب نے زندہ باد کا نعر لگایا۔ چڈہ چیخا

’’یہ سب سازش ہے۔ اس منٹو کی سازش ہے۔ ورنہ میں نے ہٹلر کی طرح تم لوگوں کو مردہ باہ کے نعرے کا اشارہ کیا تھا۔ تم سب مردہ باد۔ لیکن پہلے میں۔ میں۔ ‘‘

وہ جذباتی ہو گیا۔

’’میں۔ جس نے اس رات اس۔ سانپ کے پیٹ کے کھپروں ایسے رنگ والے بالوں کی ایک لڑکی کے لیے اپنی ممی کو ناراض کردیا۔ میں خود کو خدا معلوم کہاں کا ڈون جو آسان سمجھتا تھا۔ لیکن نہیں۔ اس کو حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ مجھے اپنی جوانی کی قسم۔ ایک ہی بوسے میں اس پلیٹنم بلونڈ کے کنوارپنے کا سارا عرق میں اپنے ان موٹے موٹے ہونٹوں سے چوس سکتا تھا۔ لیکن یہ ایک۔ یہ ایک نامناسب حرکت تھی۔ وہ کم عمر تھی۔ اتنی کم عمر، اتنی کمزور، اتنی کیریکٹرلس۔ اتنی‘‘

اس نے میری طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا۔

’’بتاؤ یار اسے اردو فارسی یا عربی میں کیا کہیں گے۔ کیریکٹر لس۔ لیڈیز اینڈ جنٹلمین۔ وہ اتنی چھوٹی، اتنی کمزور اور اتنی لاکردار تھی کہ اس رات گناہ میں شریک ہو کریا تو وہ ساری عمر پچھتاتی رہتی، یا اسے قطعاً بھول جاتی۔ ان چند گھڑیوں کی لذت کی یاد کے سہارے جینے کا سلیقہ اس کو قطعی طور پر نہ آتا۔ مجھے اس کا دکھ ہوتا۔ اچھا ہوا کہ ممی نے اسی وقت میرا حقہ پانی بند کردیا۔ میں اب اپنی بکواس بند کرتا ہوں۔ میں نے اصل میں ایک بہت لمبی چوڑی تقریر کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ مگر مجھ سے کچھ بولا نہیں جاتا۔ میں ایک پیگ اور پیتا ہوں۔ ‘‘

اس نے ایک پیگ اور پیا۔ تقریر کے دوران میں سب خاموش تھے۔ اس کے بعد بھی خاموش رہے۔ ممی نہ معلوم کیا سوچ رہی تھی۔ غازے اور سرخی کی تہوں کے نیچے اس کی جھریاں بھی ایسا دکھائی دیتا تھا کہ غور و فکر میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ بولنے کے بعد چڈہ جیسے خالی سا ہو گیا تھا۔ ادھر ادھر گھوم رہا تھا۔ جیسے کوئی چیز کھونے کے لیے ایسا کونہ ڈھونڈ رہا ہے جو اس کے ذہن میں اچھی طرح محفوظ ہے۔ میں نے اس سے ایک بار پوچھا۔

’’کیا بات ہے چڈے؟‘‘

اس نے قہقہہ لگا کر جواب دیا

’’کچھ نہیں۔ بات یہ ہے کہ آج وسکی میرے دماغ کے چوتڑوں پر جما کے لات نہیں مار رہی۔ ‘‘

اس کا قہقہہ کھوکھلا تھا۔ ون کترے نے تھلیما کو اٹھا کر مجھے اپنے پاس بٹھا لیا اور ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بعد اپنے باپ کی تعریف شروع کردی کہ وہ بڑا گُنی آدمی تھا۔ ایسا ہارمونیم بجاتا تھا کہ لوگ دم بخود ہو جاتے تھے۔ پھر اس نے اپنی بیوی کی خوبصورتی کا ذکر کیا اور بتایا کہ بچپن ہی میں اس کے باپ نے یہ لڑکی چن کر اس سے بیاہ دی تھی۔ بنگالی میوزک ڈائریکٹر سین کی بات نکلی تو اس نے کہا

’’مسٹر منٹو۔ وہ ایک دم ہلکٹ آدمی تھا۔ کہتا تھا میں خاں صاحب عبدالکریم خاں کا شاگرد ہوں۔ جھوٹ، بالکل جھوٹ۔ وہ تو بنگال کے کسی بھڑوے کا شاگرد تھا۔ ‘‘

گھڑی نے دو بجائے۔ چڈے نے جسٹربگ بند کیا۔ کٹی کو دھکا دے کر ایک طرف گرایا اور بڑھ کر ون کترے کے کدو ایسے سر پر دھپا مار کر

’’بکواس بند کر بے۔ اٹھ۔ اور کچھ گا۔ لیکن خبردار اگر تو نے کوئی پکا راگ گایا۔ ‘‘

ون کترے نے فوراً گانا شروع کردیا۔ آواز اچھی نہیں تھی۔ مُرکیوں کی نوک پلک واضح طور پر اس کے گلے سے نہیں نکلتی تھی۔ لیکن جو کچھ گاتا تھا، پورے خلوص سے گاتا تھا۔ مالکوس میں اس نے اوپر تلے دو تین فلمی گانے سنائے جن سے فضا بہت اداس ہو گئی، ممی اور چڈہ ایک دوسرے کی طرف دیکھتے تھے اور نظریں کسی اورسمٹ ہٹا لیتے تھے۔ غریب نواز اس قدر متاثر ہوا کہ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ چڈے نے زور کا قہقہہ بلند کیا اور کہا

’’حیدر آباد والوں کی آنکھ کا مثانہ بہت کمزور ہوتا ہے۔ موقع بے موقع ٹپکنے لگتا ہے۔ ‘‘

غریب نواز نے اپنے آنسو پونچھے اور ایلما کے ساتھ ناچنا شروع کردیا۔ ون کترے نے گراموفون کے توے پر رکارڈ رکھ کر سوئی لگا دی۔ گھسی ہوئی ٹیون بجنے لگی۔ کڈے نے ممی کو پھر گود میں اٹھا لیا اور کود کود کر شورمچانے لگا۔ اس کا گلا بیٹھ گیا تھا۔ ان میراثیوں کی طرح جو شادی بیاہ کے موقعوں پر اونچے سروں میں گا گا کر اپنی آواز کا ناس مار لیتی ہیں۔ اس اچھل کود اور چیخم دھاڑ میں چار بج گئے۔ ممی ایک دم خاموش ہو گئی۔ پھر اس نے چڈے سے مخاطب ہو کر کہا۔

’’بس، اب ختم!‘‘

چڈے نے بوتل سے منہ لگایا، اسے خالی کرکے ایک طرف پھینک دیااور مجھ سے کہا۔

’’چلو منٹو چلیں!‘‘

میں نے اٹھ کر ممی سے اجازت لینی چاہی کہ چڈے نے مجھے اپنی طرف کھینچ لیا۔

’’آج کوئی الوداع نہیں کہے گا!‘‘

ہم دونوں باہر نکل رہے تھے کہ میں نے ون کترے کے رونے کی آواز سنی۔ میں نے چڈے سے کہا۔

’’ٹھہرو، دیکھیں کیا بات ہے، ‘‘

مگر وہ مجھے دھکیل کر آگے لے گیا۔

’’اس سالے کی آنکھوں کا مثانہ بھی خراب ہے۔ ‘‘

ممی کے گھر سے سعیدہ کاٹیج بالکل نزدیک تھی۔ راستے میں چڈے نے کوئی بات نہ کی۔ سونے سے پہلے میں نے اس سے اس عجیب و غریب پارٹی کے متعلق استفسارکرنا چاہا تو اس نے کہا

’’مجھے سخت نیند آرہی ہے‘‘

اور بستر پر لیٹ گیا۔ صبح اٹھ کر میں غسل خانے میں گیا۔ باہر نکلا تو دیکھا کہ غریب نواز گراج کے ٹاٹ کے ساتھ لگ کر کھڑا ہے اور رو رہا ہے۔ مجھے دیکھ کر وہ آنسو پونچھتا وہاں سے ہٹ گیا۔ میں نے پاس جا کر اس سے رونے کی وجہ دریافت کی تو اس نے کہا

’’ممی چلی گئی!‘‘

’’کہاں!‘‘

’’معلوم نہیں‘‘

یہ کہہ کر غریب نواز نے سڑک کا رخ کیا۔ چڈہ بستر پرلیٹا تھا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ ایک لمحے کے لیے بھی نہیں سویا تھا۔ میں نے اس سے ممی کے بارے میں پوچھا تو اس نے مسکرا کر کہا

’’چلی گئی۔ صبح کی گاڑی سے اسے پونہ چھوڑنا تھا۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’مگر کیوں؟‘‘

چڈے کے لہجے میں تلخی آگئی

’’حکومت کو اس کی ادائیں پسند نہیں تھیں۔ اس کی وضع قطع پسند نہیں تھی۔ اس کے گھر کی محفلیں اس کی نظر میں قابل اعتراض تھیں۔ اس لیے کہ پولیس اس کی شفقت اور محبت بطور یرغمال کے لینا چاہتی تھی۔ وہ اسے ماں کہہ کر ایک دلالہ کا کام لینا چاہتے تھے۔ ایک عرصے سے اس کا ایک کیس زیر تفتیش تھا۔ آخر حکومت پولیس کی تحقیقات سے مطمئن ہو گئی اور اس کو تڑی پار کردیا۔ شہر بدر کردیا۔ وہ اگر قحبہ تھی۔ دلالہ تھی۔ اس کا وجود سوسائٹی کے لیے مہلک تھا تو اس کا خاتمہ کردینا چاہیے تھا۔ پونے کی غلاظت سے یہ کیوں کہا گیا کہ تم یہاں سے چلی جاؤ۔ اور جہاں چاہو ڈھیر ہو سکتی ہو۔ چڈے نے بڑے زور کا قہقہہ لگایا اور تھوڑی دیر خاموش رہا۔ پھر اس نے بڑے جذبات بھرے لہجے میں کہا

’’مجھے افسوس ہے منٹو کہ اس غلاظت کے ساتھ ایک ایسی پاکیزگی چلی گئی ہے جس نے اس رات میری ایک بڑی غلط اور نجس ترنگ کو میرے دل و دماغ سے دھو ڈالا۔ لیکن مجھے افسوس نہیں ہونا چاہیے۔ وہ پُونے سے چلی گئی ہے۔ مجھے ایسے جوانوں میں ایسی نجس اور غلط ترنگیں وہاں بھی پیدا ہوں گی جہاں وہ اپنا گھر بنائے گی۔ میں اپنی ممی ان کے سپرد کرتا ہوں۔ زندہ باد ممی۔ زندہ باد!۔ چلو غریب نواز کو ڈھونڈیں۔ رو رو کر اس نے اپنی جان ہلکان کرلی ہو گی۔ ان حیدر آبادیوں کی آنکھوں کا مثانہ بہت کمزور ہوتا ہے۔ وقت بے وقت ٹپکنے لگتا ہے۔ ‘‘

میں نے دیکھا، چڈے کی آنکھوں میں آنسو اس طرح تیر رہے تھے جس طرح مقتولوں کی لاشیں۔

سعادت حسن منٹو

ممدبھائی

فارس روڈ سے آپ اس طرف گلی میں چلے جائیے جوسفید گلی کہلاتی ہے تو اس کے آخری سرے پر آپ کو چند ہوٹل ملیں گے۔ یوں تو بمبئی میں قدم قدم پر ہوٹل اور ریستوران ہوتے ہیں مگریہ ریستوران اس لحاظ سے بہت دلچسپ اور منفرد ہیں کہ یہ اس علاقے میں واقع ہیں جہاں بھانت بھانت کی لونڈیاں بستی ہیں۔ ایک زمانہ گزر چکا ہے۔ بس آپ یہی سمجھیے کہ بیس برس کے قریب، جب میں ان ریستورانوں میں چائے پیا کرتا تھا اور کھانا کھایا کرتا تھا۔ سفید گلی سے آگے نکل کر

’’پلے ہاؤس‘‘

آتا ہے۔ ادھر دن بھر ہاؤ ہُو رہتی ہے۔ سینما کے شو دن بھر چلتے رہتے تھے۔ چمپیاں ہوتی تھیں۔ سینما گھر غالباً چار تھے۔ ان کے باہر گھنٹیاں بجا بجا کر بڑے سماعت پاش طریقے پر لوگوں کو مدعو کرتے۔

’’آؤ آؤ۔ دو آنے میں۔ فسٹ کلاس کھیل۔ دو آنے میں!‘‘

بعض اوقات یہ گھنٹیاں بجانے والے زبردستی لوگوں کو اندر دھکیل دیتے تھے۔ باہر کرسیوں پر چمپی کرانے والے بیٹھے ہوتے تھے جن کی کھوپڑیوں کی مرمت بڑے سائنٹیفک طریقے پر کی جاتی تھی۔ مالش اچھی چیز ہے، لیکن میری سمجھ میں نہیں آتا کہ بمبئی کے رہنے والے اس کے اتنے گرویدہ کیوں ہیں۔ دن کو اور رات کو، ہر وقت انھیں تیل مالش کی ضرورت محسوس ہوتی۔ آپ اگر چاہیں تو رات کے تین بچے بڑی آسانی سے تیل مالشیا بلاسکتے ہیں۔ یوں بھی ساری رات، آپ خواہ بمبئی کے کسی کونے میں ہوں، یہ آواز آپ یقیناً سنتے رہیں گے۔

’’پی۔ پی۔ پی۔ ‘‘

یہ’پی‘ چمپی کا مخفف ہے۔ فارس روڈ یوں تو ایک سڑک کا نام ہے لیکن دراصل یہ اس پورے علاقے سے منسوب ہے جہاں بیسوائیں بستی ہیں۔ یہ بہت بڑا علاقہ ہے۔ اس میں کئی گلیاں ہیں جن کے مختلف نام ہیں، لیکن سہولت کے طور پر اس کی ہر گلی کو فارس روڈ یا سفید گلی کہا جاتا ہے۔ اس میں سینکڑوں جنگلا لگی دکانیں ہیں جن میں مختلف رنگ و سن کی عورتیں بیٹھ کر اپنا جسم بیچتی ہیں۔ مختلف داموں پر، آٹھ آنے سے آٹھ روپے تک، آٹھ روپے سے سو روپے تک۔ ہر دام کی عورت آپ کو اس علاقے میں مل سکتی ہے۔ یہودی، پنجابی، مرہٹی، کشمیری، گجراتی، بنگالی، اینگلوانڈین، فرانسیسی، چینی، جاپانی غرضیکہ ہر قسم کی عورت آپ کو یہاں سے دستیاب ہو سکتی ہے۔ یہ عورتیں کیسی ہو تی ہیں۔ معاف کیجیے گا، اس کے متعلق آپ مجھ سے کچھ نہ پوچھیے۔ بس عورتیں ہوتی ہیں۔ اور ان کو گاہک مل ہی جاتے ہیں۔ اس علاقے میں بہت سے چینی بھی آباد ہیں۔ معلوم نہیں یہ کیا کاروبار کرتے ہیں، مگر رہتے اسی علاقے میں ہیں۔ بعض تو ریستوران چلاتے ہیں جن کے باہر بورڈوں پر اوپر نیچے کیڑے مکوڑوں کی شکل میں کچھ لکھا ہوتا ہے۔ معلوم نہیں کیا۔ اس علاقے میں بزنس مین اور ہر قوم کے لوگ آباد ہیں۔ ایک گلی ہے جس کا نام عرب سین ہے۔ وہاں کے لوگ اسے عرب گلی کہتے ہیں۔ اس زمانے میں جس کی میں بات کررہا ہوں، اس گلی میں غالباً بیس پچیس عرب رہتے تھے جو خود کو موتیوں کے بیوپاری کہتے تھے۔ باقی آبادی پنجابیوں اور رام پوریوں پر مشتمل تھی۔ اس گلی میں مجھے ایک کمرہ مل گیا تھا جس میں سورج کی روشنی کا داخلہ بند تھا، ہر وقت بجلی کا بلب روشن رہتا تھا۔ اس کا کرایہ ساڑھے نو روپے ماہوار تھا۔ آپ کا اگر بمبئی میں قیام نہیں رہا تو شاید آپ مشکل سے یقین کریں کہ وہاں کسی کو کسی اور سے سروکار نہیں ہوتا۔ اگر آپ اپنی کھولی میں مررہے ہیں تو آپ کو کوئی نہیں پوچھے گا۔ آپ کے پڑوس میں قتل ہو جائے، مجال ہے جو آپ کو اس کی خبر ہو جائے۔ مگر وہاں عرب گلی میں صرف ایک شخص ایسا تھا جس کو اڑوس پڑوس کے ہر شخص سے دلچسپی تھی۔ اس کا نام ممد بھائی تھا۔ ممد بھائی رام پور کا رہنے والا تھا۔ اول درجے کا پھکیت، گتکے اور بنوٹ کے فن میں یکتا۔ میں جب عرب گلی میں آیا تو ہوٹلوں میں اس کا نام اکثر سننے میں آیا، لیکن ایک عرصے تک اس سے ملاقات نہ ہوسکی۔ میں صبح سویرے اپنی کھولی سے نکل جاتا تھا اور بہت رات گئے لوٹتا تھا۔ لیکن مجھے ممد بھائی سے ملنے کا بہت اشتیاق تھا۔ کیوں کہ اس کے متعلق عرب گلی میں بے شمار داستانیں مشہور تھیں کہ بیس پچیس آدمی اگر لاٹھیوں سے مسلح ہوکر اس پر ٹوٹ پڑیں تووہ اس کا بال تک بیکا نہیں کرسکتے۔ ایک منٹ کے اندر اندر وہ سب کو چت کردیتا ہے۔ اور یہ کہ اس جیسا چھری مار ساری بمبئی میں نہیں مل سکتا۔ ایسے چھری مارتا ہے کہ جس کے لگتی ہے اسے پتہ بھی نہیں چلتا۔ سو قدم بغیر احساس کے چلتا رہتا ہے اور آخر ایک دم ڈھیر ہو جاتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ یہ اس کے ہاتھ کی صفائی ہے۔ اس کے ہاتھ کی صفائی دیکھنے کا مجھے اشتیاق نہیں تھا لیکن یوں اس کے متعلق اور باتیں سن سن کر میرے دل میں یہ خواہش ضرور پیدا ہو چکی تھی کہ میں اسے دیکھوں۔ اس سے باتیں نہ کروں لیکن قریب سے دیکھ لوں کہ وہ کیسا ہے۔ اس تمام علاقے پر اس کی شخصیت چھائی ہوئی تھی۔ وہ بہت بڑا دادا یعنی بدمعاش تھا۔ لیکن اس کے باوجود لوگ کہتے تھے کہ اس نے کسی کی بہو بیٹی کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھا۔ لنگوٹ کا بہت پکا ہے۔ غریبوں کے دکھ درد کا شریک ہے۔ عرب گلی۔ صرف عرب گلی ہی نہیں، آس پاس جتنی گلیاں تھیں، ان میں جتنی نادار عورتیں تھی، سب ممد بھائی کو جانتی تھیں کیوں کہ وہ اکثر ان کی مالی امداد کرتا رہتا تھا۔ لیکن وہ خود ان کے پاس کبھی نہیں جاتا تھا۔ اپنے کسی خورد سال شاگرد کو بھیج دیتا تھا اور ان کی خیریت دریافت کرلیا کرتا تھا۔ مجھے معلوم نہیں اس کی آمدنی کے کیا ذرائع تھے۔ اچھا کھاتا تھا، اچھا پہنتا تھا۔ اس کے پاس ایک چھوٹا سا تانگہ تھا جس میں بڑا تندرست ٹٹو جُتا ہوتا تھا، اس کووہ خود چلاتا تھا۔ ساتھ دو یا تین شاگرد ہوتے تھے، بڑے باادب۔ بھنڈی بازار کا ایک چکر لگا یاکسی درگاہ میں ہو کر وہ اس تانگے میں واپس عرب گلی آجاتا تھا اور کسی ایرانی کے ہوٹل میں بیٹھ کر اپنے شاگردوں کے ساتھ گتکے اور بنوٹ کی باتوں میں مصروف ہو جاتا تھا۔ میری کھولی کے ساتھ ہی ایک اور کھولی تھی جس میں مارواڑ کا ایک مسلمان رقاص رہتا تھا۔ اس نے مجھے ممد بھائی کی سینکڑوں کہانیاں سنائیں۔ اس نے مجھے بتایا کہ ممد بھائی ایک لاکھ روپے کا آدمی ہے۔ اس کو ایک مرتبہ ہیضہ ہو گیا تھا۔ ممد بھائی کو پتہ چلا تو اس نے فارس روڈ کے تمام ڈاکٹر اس کی کھولی میں اکٹھے کردیے اور ان سے کہا

’’دیکھو، اگر عاشق حسین کو کچھ ہو گیا تو میں سب کا صفایا کردوں گا۔ ‘‘

عاشق حسین نے بڑے عقیدت مندانہ لہجے میں مجھ سے کہا۔

’’منٹو صاحب!ممد بھائی فرشتہ ہے۔ فرشتہ۔ جب اس نے ڈا کٹروں کو دھمکی دی تو وہ سب کانپنے لگے۔ ایسا لگ کے علاج کیا کہ میں دو دن میں ٹھیک ٹھاک ہو گیا۔ ممد بھائی کے متعلق میں عرب گلی کے گندے اور واہیات ریستورانوں میں اور بھی بہت کچھ سن چکا تھا۔ ایک شخص نے جو غالباً اس کا شاگرد تھا اور خود کو بہت بڑا پھکیت سمجھتا تھا، مجھ سے یہ کہا تھا کہ ممد دادا اپنے نیفے میں ایک ایسا آبدار خنجر اڑس کے رکھتا ہے جو استرے کی طرح شیو بھی کرسکتا ہے اور یہ خنجر نیام میں نہیں ہوتا، کھلا رہتا ہے۔ بالکل ننگا، اور وہ بھی اس کے پیٹ کے ساتھ۔ اس کی نوک اتنی تیکھی ہے کہ اگر باتیں کرتے ہوئے، جھکتے ہوئے اس سے ذرا سی غلطی ہو جائے تو ممد بھائی کا ایک دم کام تمام ہو کے رہ جائے۔ ظاہر ہے کہ اس کو دیکھنے اور اس سے ملنے کا اشتیاق دن بدن میرے دل و دماغ میں بڑھتا گیا۔ معلوم نہیں میں نے اپنے تصور میں اس کی شکل و صورت کا کیا نقشہ تیار کیا تھا، بہر حال اتنی مدت کے بعد مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ میں ایک قوی ہیکل انسان کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھتا تھا جس کا نام ممد بھائی تھا۔ اس قسم کا آدمی جوہر کولیس سائیکلوں پر اشتہار کے طور پر دیا جاتا ہے۔ میں صبح سویرے اپنے کام پر نکل جاتا تھا اوررات کو دس بجے کے قریب کھانے والے سے فارغ ہوکرواپس آکر فوراًسو جاتا تھا۔ اس دوران میں ممد بھائی سے کیسے ملاقات ہو سکتی تھی۔ میں نے کئی مرتبہ سوچا کہ کام پر نہ جاؤں اور سارا دن عرب گلی میں گزار کرممد بھائی کو دیکھنے کی کوشش کروں، مگر افسوس کہ میں ایسا نہ کرسکا اس لیے کہ میری ملازمت ہی بڑی واہیات قسم کی تھی۔ ممد بھائی سے ملاقات کرنے کی سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک انفلوائنزا نے مجھ پر زبردست حملہ کیا۔ ایسا حملہ کہ میں بوکھلا گیا۔ خطرہ تھا کہ یہ بگڑ کر نمونیا میں تبدیل ہو جائے گا، کیوں کہ عرب گلی کے ایک ڈاکٹر نے یہی کہا تھا۔ میں بالکل تن تنہا تھا۔ میرے ساتھ جو ایک آدمی رہتا تھا، اس کو پونہ میں نوکری مل گئی تھی، اس لیے اس کی رفاقت بھی نصیب نہیں تھی۔ میں بخار میں پھنکا جارہا تھا۔ اس قدر پیاس تھی کہ جو پانی کھولی میں رکھا تھا، وہ میرے لیے ناکافی تھا۔ اور دوست یار کوئی پاس نہیں تھا جو میری دیکھ بھال کرتا۔ میں بہت سخت جان ہوں، دیکھ بھال کی مجھے عموماً ضرورت محسوس نہیں ہواکرتی۔ مگر معلوم نہیں کہ وہ کسی قسم کا بخار تھا۔ انفلوائنزا تھا، ملیریاتھا یا اور کیا تھا۔ لیکن اس نے میری ریڑھ کی ہڈی توڑ دی۔ میں بلبلانے لگا۔ میرے دل میں پہلی مرتبہ خواہش پیدا ہوئی کہ میرے پاس کوئی ہو جو مجھے دلاسہ دے۔ دلاسہ نہ دے تو کم از کم ایک سیکنڈ کے لیے اپنی شکل دکھا کے چلا جائے تاکہ مجھے یہ خوشگوار احساس ہو کہ مجھے پوچھنے والا بھی کوئی ہے۔ دو دن تک میں بستر میں پڑا تکلیف بھری کروٹیں لیتا رہا، مگر کوئی نہ آیا۔ آنا بھی کسے تھا۔ میری جان پہچان کے آدمی ہی کتنے تھے۔ دو تین یا چار۔ اور وہ اتنی دور رہتے تھے کہ ان کو میری موت کا علم بھی نہیں ہوسکتا تھا۔ اور پھروہاں بمبئی میں کون کس کو پوچھتا ہے۔ کوئی مرے یا جیے۔ ان کی بلا سے۔ میری بہت بری حالت تھی۔ عاشق حسین ڈانسر کی بیوی بیمار تھی اس لیے وہ اپنے وطن جا چکا تھا۔ یہ مجھے ہوٹل کے چھوکرے نے بتایا تھا۔ اب میں کس کو بلاتا۔ بڑی نڈھال حالت میں تھا اور سوچ رہا تھا کہ خود نیچے اتروں اور کسی ڈاکٹر کے پاس جاؤں کہ دروازے پر دستک ہوئی۔ میں نے خیال کہ ہوٹل کا چھوکرا جسے بمبئی کی زبان میں’باہر والا‘ کہتے ہیں، ہو گا۔ بڑی مریل آواز میں کہا۔

’’آجاؤ!‘‘

دروازہ کھلا اور ایک چھریرے بدن کا آدمی، جس کی مونچھیں مجھے سب سے پہلے دکھائی دیں، اندر داخل ہوا۔ اس کی مونچھیں ہی سب کچھ تھیں۔ میرا مطلب یہ ہے کہ اگر اس کی مونچھیں نہ ہوتیں تو بہت ممکن ہے کہ وہ کچھ بھی نہ ہوتا۔ اس کی مونچھوں ہی سے ایسا معلوم ہوتا تھاکہ اس کے سارے وجود کو زندگی بخش رکھی ہے۔ وہ اندر آیا اور اپنی قیصر ولیم جیسی مونچھوں کو ایک انگلی سے ٹھیک کرتے ہوئے میری کھاٹ کے قریب آیا۔ اس کے پیچھے پیچھے تین چار آدمی تھے، عجیب و غریب وضع قطع کے۔ میں بہت حیران تھا کہ یہ کون ہیں اور میرے پاس کیوں آئے ہیں۔ قیصر ولیم جیسی مونچھوں اور چھریرے بدن والے نے مجھ سے بڑی نرم و نازک آواز میں کہا۔

’’ومٹو صاحب! آپ نے حد کردی۔ سالا مجھے اطلاع کیوں نہ دی؟‘‘

منٹو کا ومٹو بن جانا میرے لیے کوئی نئی بات نہیں تھی۔ اس کے علاوہ میں اس موڈ میں بھی نہیں تھا کہ میں اس کی اصلاح کرتا۔ میں نے اپنی نحیف آواز میں اس کی مونچھوں سے صرف اتنا کہا۔

’’آپ کون ہیں؟‘‘

اس نے مختصر سا جواب دیا۔

’’ممد بھائی!‘‘

میں اٹھ کر بیٹھ گیا۔

’’ممد بھائی۔ تو۔ توآپ ممد بھائی بھائی ہیں۔ مشہور د ادا!‘‘

میں نے یہ کہہ تو دیا۔ لیکن فوراً مجھے اپنے بینڈے پن کا احساس ہوا اور رک گیا۔ ممد بھائی نے چھوٹی انگلی سے اپنی مونچھوں کے کرخت بال ذرا اوپر کیے اور مسکرایا۔

’’ہاں ومٹو بھائی۔ میں ممد ہوں۔ یہاں کا مشہوردادا۔ مجھے باہر والے سے معلوم ہوا کہ تم بیمار ہو۔ سالا یہ بھی کوئی بات ہے کہ تم نے مجھے خبر نہ کی۔ ممد بھائی کا مستک پھر جاتا ہے، جب کوئی ایسی بات ہوتی ہے۔ ‘‘

میں جواب میں کچھ کہنے والا تھا کہ اس نے اپنے ساتھیوں میں سے ایک سے مخاطب ہو کر کہا

’’ارے۔ کیا نام ہے تیرا۔ جا بھاگ کے جا، اور کیا نام ہے اس ڈاکٹر کا۔ سمجھ گئے نا اس سے کہہ کہ ممد بھائی تجھے بلاتا ہے۔ ایک دم جلدی آ۔ ایک دم سب کام چھوڑ دے اور جلدی آ۔ اور دیکھ سالے سے کہنا، سب دوائیں لیتا آئے۔ ‘‘

ممد بھائی نے جس کو حکم دیا تھا، وہ ایک دم چلا گیا۔ میں سوچ رہا تھا۔ میں اس کو دیکھ رہا تھا۔ وہ تمام داستانیں میرے بخار آلود دماغ میں چل پھر رہی تھیں۔ جو میں اس کے متعلق لوگوں سے سن چکا تھا۔ ۔ لیکن گڈ مڈ صورت میں۔ کیوں کہ بار بار اس کو دیکھنے کی وجہ سے اس کی مونچھیں سب پر چھا جاتی تھیں۔ بڑی خوفناک، مگر بڑی خوبصورت مونچھیں تھیں۔ لیکن ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اس چہرے کو جس کے خدوخال بڑے ملائم اور نرم ونازک ہیں، صرف خوفناک بنانے کے لیے یہ مونچھیں رکھی گئی ہیں۔ میں نے اپنے بخار آلود دماغ میں یہ سوچا کہ یہ شخص درحقیقت اتنا خوفناک نہیں جتنا اس نے خود کو ظاہر کر رکھا ہے۔ کھولی میں کرسی نہیں۔ میں نے ممد بھائی سے کہا وہ میری چارپائی پر بیٹھ جائے۔ مگر اس نے انکار کردیا اور بڑے روکھے سے لہجے میں کہا۔

’’ٹھیک ہے۔ ہم کھڑے رہیں گے۔ ‘‘

پھر اس نے ٹہلتے ہوئے۔ حالانکہ اس کھولی میں اس عیاشی کی کوئی گنجائش نہیں تھی، کرتے کا دامن اٹھا کر پاجامے کے نیفے سے ایک خنجر نکالا۔ میں سمجھا چاندی کا ہے۔ اس قدر لشک رہا تھا کہ میں آپ سے کیا کہوں۔ یہ خنجر نکال کر پہلے اس نے اپنی کلائی پر پھیرا۔ جو بال اس کی زد میں آئے، سب صاف ہو گئے۔ اس نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور ناخن تراشنے لگا۔ اس کی آمد ہی سے میرا بخار کئی درجے نیچے اتر گیا تھا۔ میں نے اب کسی قدر ہوش مند حالت میں اس سے کہا۔

’’ممد بھائی۔ یہ چھری تم اس طرح اپنے۔ نیفے میں۔ یعنی بالکل اپنے پیٹ کے ساتھ رکھتے ہو اتنی تیز ہے، کیا تمہیں خوف محسوس نہیں ہوتا؟‘‘

ممد نے خنجرسے اپنے ناخن کی ایک قاش بڑی صفائی سے اڑاتے ہوئے جواب دیا۔

’’ومٹو بھائی۔ یہ چھری دوسروں کے لیے ہے۔ یہ اچھی طرح جانتی ہے۔ سالی، اپنی چیزہے، مجھے نقصان کیسے پہنچائے گی؟‘‘

چھری سے جو رشتہ اس نے قائم کیا تھا وہ کچھ ایسا ہی تھا جیسے کوئی ماں یا باپ کہے کہ یہ میرا بیٹا ہے، یا بیٹی ہے۔ اس کا ہاتھ مجھ پر کیسے اٹھ سکتا ہے۔ ڈاکٹر آگیا۔ اس کا نام پنٹو تھا اور میں ومٹو۔ اس نے ممد بھائی کو اپنے کرسچیئن انداز میں سلام کیا اورپوچھا کہ معاملہ کیا ہے۔ جو معاملہ تھا، وہ ممد بھائی نے بیان کردیا۔ مختصر، لیکن کڑے الفاظ میں، جن میں تحکم تھا کہ دیکھو اگر تم نے ومٹو بھائی کا علاج اچھی طرح نہ کیا تو تمہاری خیر نہیں۔ ڈاکٹر پنٹو نے فرمانبردار لڑکے کی طرح اپنا کام کیا۔ میری نبض دیکھی۔ سٹیتھو سکوپ لگا میرے سینے اور پیٹھ کا معائنہ کیا۔ بلڈ پریشر دیکھا۔ مجھ سے میری بیماری کی تمام تفصیل پوچھی۔ اس کے بعد اس نے مجھ سے نہیں، ممد بھائی سے کہا۔

’’کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔ ملیریا ہے۔ میں انجکشن لگا دیتا ہوں۔ ‘‘

ممد بھائی مجھ سے کچھ فاصلے پر کھڑا تھا۔ اس نے ڈاکٹر پنٹو کی بات سنی اور خنجر سے اپنی کلائی کے بال اڑاتے ہوئے کہا۔

’’میں کچھ نہیں جانتا۔ انجکشن دینا ہے تو دے، لیکن اگر اسے کچھ ہو گیا تو۔ ‘‘

ڈاکٹر پنٹو کانپ گیا۔

’’نہیں ممد بھائی۔ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ‘‘

ممد بھائی نے خنجر اپنے نیفے میں اڑس لیا۔

’’تو ٹھیک ہے۔ ‘‘

’’تو میں انجکشن لگاتا ہوں۔ ‘‘

ڈاکٹر نے اپنا بیگ کھولا اور سرنج نکالی۔

’’ٹھہرو۔ ٹھہرو۔ ‘‘

ممد بھائی گھبرا گیا تھا۔ ڈاکٹر نے سرنج فوراً بیگ میں واپس رکھی دی اور ممیاتے ہوئے ممد بھائی سے مخاطب ہوا۔

’’کیوں؟‘‘

’’بس۔ میں کسی کے سوئی لگتے نہیں دیکھ سکتا۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ کھولی سے باہر چلا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس کے ساتھی بھی چلے گئے۔ ڈاکٹر پنٹو نے میرے کونین کا انجکشن کا لگایا۔ بڑے سلیقے سے، ورنہ ملیریا کا یہ انجکشن بڑا تکلیف دہ ہوتا ہے۔ جب وہ فارغ ہوا تو میں نے اس سے فیس پوچھی۔ اس نے کہا

’’دس روپے!‘‘

میں تکیے کے نیچے سے اپنا بٹوہ نکال رہا تھا کہ ممد بھائی اندر آگیا۔ اس وقت میں دس روپے کا نوٹ ڈاکٹر پنٹو کو دے رہا تھا۔ ممد بھائی نے غضب آلود نگاہوں سے مجھے اور ڈاکٹر کودیکھا اور گرج کر کہا۔

’’یہ کیا ہورہا ہے؟‘‘

میں نے کہا۔

’’فیس دے رہا ہوں۔ ‘‘

ممد بھائی ڈاکٹر پنٹو سے مخاطب ہوا۔

’’سالے یہ فیس کیسی لے رہے ہو؟‘‘

ڈاکٹر پنٹو بوکھلا ہو گیا۔

’’میں کب لے رہا ہوں۔ یہ دے رہے تھے!‘‘

’’سالا۔ ہم سے فیس لیتے ہو۔ واپس کرو یہ نوٹ!‘‘

ممد بھائی کے لہجے میں اس کے خنجر ایسی تیزی تھی۔ ڈاکٹر پنٹو نے مجھے نوٹ واپس کردیا اور بیگ بند کرکے ممد بھائی سے معذرت طلب کرتے ہوئے چلا گیا۔ ممد بھائی نے ایک انگلی سے اپنی کانٹوں ایسی مونچھوں کو تاؤ دیا اور مسکرایا۔

’’ومٹو بھائی۔ یہ بھی کوئی بات ہے کہ اس علاقے کا ڈاکٹر تم سے فیس لے۔ تمہاری قسم، اپنی مونچھیں منڈوا دیتا اگر اس سالے نے فیس لی ہوتی۔ یہاں سب تمہارے غلام ہیں۔ ‘‘

تھوڑے سے توقف کے بعد میں نے اس سے پوچھا۔

’’ممد بھائی! تم مجھے کیسے جانتے ہو؟‘‘

ممد بھائی کی مونچھیں تھرتھرائیں۔

’’ممد بھائی کسے نہیں جانتا۔ ہم یہاں کے بادشاہ ہیں پیارے۔ اپنی رعایا کا خیال رکھتے ہیں۔ ہماری سی آئی ڈی ہے۔ وہ ہمیں بتاتی رہتی ہے۔ کون آیا ہے، کون گیا ہے، کون اچھی حالت ہے، کون بری حالت میں۔ تمہارے متعلق ہم سب کچھ جانتے ہیں۔ ‘‘

میں نے ازراہ تفنن پوچھا۔

’’کیا جانتے ہیں آپ؟‘‘

سالا۔ ہم کیا نہیں جانتے۔ تم امرتسر کا رہنے والا ہے۔ کشمیری ہے۔ یہاں اخباروں میں کام کرتا ہے۔ تم نے بسم اللہ ہوٹل کے دس روپے دینے ہیں، اسی لیے تم ادھر سے نہیں گزرتے۔ بھنڈی بازار میں ایک پان والا تمہاری جان کو روتا ہے۔ اس سے تم بیس روپے دس آنے سے سگریٹ لے کر پھونک چکے ہو۔ ‘‘

میں پانی پانی ہو گیا۔ ممد بھائی نے اپنی کرخت مونچھوں پر ایک انگلی پھیری اور مسکرا کہا۔

’’ومٹو بھائی!کچھ فکر نہ کرو۔ تمہارے سب قرض چکا دیے گئے ہیں۔ اب تم نئے سرے سے معاملہ شروع کرسکتے ہو۔ میں نے ان سالوں سے کہہ دیا ہے کہ خبردار! اگر ومٹو بھائی کو تم نے تنگ کیا۔ اور ممد بھائی تم سے کہتا ہے کہ انشاء اللہ کوئی تمہیں تنگ نہیں کرے گا۔ ‘‘

میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اس سے کیا کہوں۔ بیمار تھا، کونین کا ٹیکہ لگ چکا تھا۔ جس کے باعث کانوں میں شائیں شائیں ہورہی تھی۔ اس کے علاوہ میں اس کے خلوص کے نیچے اتنا دب چکا تھا کہ اگر مجھے کوئی نکالنے کی کوشش کرتا تو اسے بہت محنت کرنی پڑتی۔ میں صرف اتنا کہہ سکا۔

’’ممد بھائی! خدا تمہیں زندہ رکھے۔ تم خوش رہو۔ ‘‘

ممد بھائی نے اپنی مونچھوں کے بال ذرا اوپر کیے اور کچھ کہے بغیر چلا گیا۔ ڈاکٹر پنٹو ہر روز صبح شام آتا رہا۔ میں نے اس سے کئی مرتبہ فیس کا ذکر کیا مگر اس نے کانوں کو ہاتھ لگا کر کہا۔

’’نہیں، مسٹر منٹو!ممد بھائی کا معاملہ ہے میں ایک ڈیڑھیا بھی نہیں لے سکتا۔ ‘‘

میں نے سوچا یہ ممد بھائی کوئی بہت بڑا آدمی ہے۔ یعنی خوفناک قسم کا جس سے ڈاکٹر پنٹو جو بڑا خسیس قسم کا آدمی ہے، ڈرتا ہے اور مجھ سے فیس لینے کی جرات نہیں کرتا۔ حالانکہ وہ اپنی جیب سے انجکشنوں پر خرچ کررہا ہے۔ بیماری کے دوران میں ممد بھائی بھی بلاناغہ آتا رہا۔ کبھی صبح آتا، کبھی شام کو، اپنے چھ سات شاگردوں کے ساتھ۔ اور مجھے ہر ممکن طریقے سے ڈھارس دیتا تھا کہ معمولی ملیریا ہے، تم ڈاکٹر پنٹو کے علاج سے انشاء اللہ بہت جلد ٹھیک ہو جاؤ گے۔ پندرہ روز کے بعد میں ٹھیک ٹھاک ہو گیا۔ اس دوران میں ممد بھائی کے ہر خدوخال کو اچھی طرح دیکھ چکا تھا۔ جیسا کہ میں اس سے پیشتر کہہ چکا ہوں، وہ چھریرے بدن کا آدمی تھا۔ عمر یہی پچیس تیس کے درمیان ہو گی۔ پتلی پتلی بانھیں، ٹانگیں بھی ایسی ہی تھیں۔ ہاتھ بلا کے پھرتیلے تھے۔ ان سے جب وہ چھوٹا تیز دھار چاقو کسی دشمن پر پھینکتا تھا تو وہ سیدھا اس کے دل میں کُھبتا تھا۔ یہ مجھے عرب کے گلی نے بتایا تھا۔ اس کے متعلق بے شمار باتیں مشہور تھیں، اس نے کسی کو قتل کیا تھا، میں اس کے متعلق وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ چھری مار وہ اول درجے کا تھا۔ بنوٹ اور گتکے کا ماہر۔ یوں سب کہتے تھے کہ وہ سینکڑوں قتل کر چکا ہے، مگر میں یہ اب بھی ماننے کو تیار نہیں۔ لیکن جب میں اس کے خنجر کے متعلق سوچتا ہوں تو میرے تن بدن پر جھرجھری سی طاری ہو جاتی ہے۔ یہ خوفناک ہتھیار وہ کیوں ہر وقت اپنی شلوار کے نیفے میں اڑسے رہتا ہے۔ میں جب اچھا ہو گیا تو ایک دن عرب گلی کے ایک تھرڈ کلاس چینی ریستوران میں اس سے میری ملاقات ہوئی۔ وہ اپنا وہی خوفناک خنجر نکال کر اپنے ناخن کاٹ رہا تھا۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’ممد بھائی۔ آج کل بندوق پستول کا زمانہ ہے۔ تم یہ خنجر کیوں لیے پھرتے ہو؟‘‘

ممد بھائی نے اپنی کرخت مونچھوں پر ایک انگلی پھیری اور کہا

’’ومٹو بھائی! بندوق پستول میں کوئی مزا نہیں۔ انھیں کوئی بچہ بھی چلا سکتا۔ گھوڑا دبایا اور ٹھاہ۔ اس میں کیا مزا ہے۔ یہ چیز۔ یہ خنجر۔ یہ چھری۔ یہ چاقو۔ مزا آتا ہے نا، خدا کی قسم۔ یہ وہ ہے۔ تم کیا کہا کرتے ہو۔ ہاں۔ آرٹ۔ اس میں آرٹ ہوتا ہے میری جان۔ جس کوچاقو یا چھری چلانے کا آرٹ نہ آتا ہو وہ ایک دم کنڈم ہے۔ پستول کیا ہے۔ کھلونا ہے۔ جو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ پر اس میں کیا لطف آتا ہے۔ کچھ بھی نہیں۔ تم یہ خنجر دیکھو۔ اس کی تیز دھار دیکھو۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اس نے انگوٹھے پر لب لگایا اور اس کی دھار پر پھیرا۔

’’اس سے کوئی دھماکہ نہیں ہوتا۔ بس، یوں پیٹ کے اندر داخل کردو۔ اس صفائی سے کہ اس سالے کو معلوم تک نہ ہو۔ بندوق، پستول سب بکواس ہے۔ ‘‘

ممد بھائی سے اب ہر روز کسی نہ کسی وقت ملاقات ہو جاتی تھی۔ میں اس کا ممنون احسان تھا۔ لیکن جب میں اس کا ذکر کیا کرتا تو وہ ناراض ہو جاتا۔ کہتا تھا کہ میں نے تم پر کوئی احسان نہیں کیا، یہ تو میرا فرض تھا۔ جب میں نے کچھ تفتیش کی تو مجھے معلوم ہوا کہ فارس روڈ کے علاقے کا وہ ایک قسم کا حاکم ہے۔ ایسا حاکم جو ہر شخص کی خبر گیری کرتا تھا۔ کوئی بیمار ہو، کسی کے کوئی تکلیف ہو، ممد بھائی اس کے پاس پہنچ جاتا تھا اور یہ اس کی سی آئی ڈی کا کام تھاجو اس کو ہر چیز سے باخبر رکھتی تھی۔ وہ دادا تھا یعنی ایک خطرناک غنڈہ۔ لیکن میری سمجھ میں اب بھی نہیںآتا کہ وہ کس لحاظ سے غنڈہ تھا۔ خدا واحد شاہد ہے کہ میں نے اس میں کوئی غنڈہ پن نہیں دیکھا۔ ایک صرف اس کی مونچھیں تھیں جو اس کو ہیبت ناک بنائے رکھتی تھیں۔ لیکن اس کو ان سے پیار تھا۔ وہ ان کی اس طرح پرورش کرتا تھا جس طرح کوئی اپنے بچے کی کرے۔ اس کی مونچھوں کا ایک ایک بال کھڑا تھا، جیسے خارپشت کا۔ مجھے کسی نے بتایا کہ ممد بھائی ہرروز اپنی مونچھوں کو بالائی کھلاتا ہے۔ جب کھانا کھاتا ہے تو سالن بھری انگلیوں سے اپنی مونچھیں ضرور مروڑتا ہے کہ بزرگوں کے کہنے کے مطابق یوں بالوں میں طاقت آتی ہے۔ میں اس سے پیشتر غالباً کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ اس کی مونچھیں بڑی خوفناک تھیں۔ دراصل مونچھوں کا نام ہی ممد بھائی تھا۔ یا اس خنجر کا جو اس کی تنگ گھیرے کی شلوار کے نیفے میں ہر وقت موجود رہتا تھا۔ مجھے ان دونوں چیزوں سے ڈر لگتا تھا، نہ معلوم کیوں۔ ممد بھائی یوں تو اس علاقے کا بہت بڑا دادا تھا، لیکن وہ سب کا ہمدرد تھا۔ معلوم نہیں اس کی آمدنی کے کیا ذرائع تھے، پر وہ ہر حاجت مند کی بروقت مدد کرتاتھا۔ اس علاقے کی تمام رنڈیاں اس کو اپنا پیر مانتی تھی۔ چونکہ وہ ایک مانا ہوا غنڈہ تھا، اس لیے لازم تھا کہ اس کا تعلق وہاں کی کسی طوائف سے ہوتا، مگر مجھے معلوم ہوا کہ اس قسم کے سلسلے سے اس کا دور کا بھی تعلق نہیں رہا تھا۔ میری اس کی بڑی دوستی ہو گئی تھی۔ ان پڑھ تھا، لیکن جانے کیوں وہ میری اتنی عزت کرتا تھا کہ عرب گلی کے تمام آدمی رشک کرتے تھے۔ ایک دن صبح سویرے، دفتر جاتے وقت میں نے چینی کے ہوٹل میں کسی سے سنا کہ ممد بھائی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مجھے بہت تعجب ہوا، اس لیے کہ تمام تھانے والے اس کے دوست تھے۔ کیا وجہ ہوسکتی تھی۔ میں نے اس کے آدمی سے پوچھا کہ کیا بات ہوئی جو ممد بھائی گرفتار ہو گیا۔ اس نے مجھ سے کہا کہ اسی عرب گلی میں ایک عورت رہتی ہے، جس کا نام شیریں بائی ہے۔ اس کی ایک جوان لڑکی ہے، اس کو کل ایک آدمی نے خراب کردیا۔ یعنی اس کی عصمت دری کردی۔ شیریں بائی روتی ہوئی ممد بھائی کے پاس آئی اور اس سے کہا

’’تم یہاں کے دادا ہو۔ میری بیٹی سے فلاں آدمی نے یہ برا کیا ہے۔ لعنت ہے تم پر کہ تم گھر میں بیٹھے ہو۔ ‘‘

ممد بھائی نے یہ موٹی گالی اس بڑھیا کو دی اور کہا۔

’’تم چاہتی کیا ہو؟‘‘

اس نے کہا

’’میں چاہتی ہوں کہ تم اس حرامزادے کا پیٹ چاک کردو۔ ‘‘

ممد بھائی اس وقت ہوٹل میں سیس پاؤں کے ساتھ قیمہ کھا رہا تھا۔ یہ سن کر اس نے اپنے نیفے میں سے خنجر نکالا۔ اس پر انگوٹھا پھیر کر اس کی دھار دیکھی اور بڑھیا سے کہا۔

’’جا۔ تیرا کام ہو جائے گا۔ ‘‘

اور اس کا کام ہو گیا۔ دوسرے معنوں میں جس آدمی نے اس بڑھیا کی لڑکی کی عصمت دری کی تھی، آدھ گھنٹے کے اندر اندر اس کا کام تمام ہو گیا۔ ممد بھائی گرفتار تو ہو گیا تھا، مگر اس نے کام اتنی ہوشیاری اور چابک دستی سے کیا تھا کہ اس کے خلاف کوئی شہادت نہیں تھی۔ اس کے علاوہ اگر کوئی عینی شاہد موجود بھی ہوتا تو وہ کبھی عدالت میں بیان نہ دیتا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس کو ضمانت پررہا کردیا گیا۔ دو دن حوالات میں رہا تھا، مگر اس کو وہاں کوئی تکلیف نہ تھی۔ پولیس کے سپاہی، انسپکٹر، سب انسپکٹرسب اس کو جانتے تھے۔ لیکن جب وہ ضمانت پر رہا ہو کرباہر آیا تو میں نے محسوس کیا کہ اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ اس کی مونچھیں جو خوفناک طورپر اوپرکو اٹھی ہوتی تھیں اب کسی قدر جھکی ہوئی تھیں۔ چینی کے ہوٹل میں اس سے میری ملاقات ہوئی۔ اس کے کپڑے جو ہمیشہ اجلے ہوتے تھے، میلے تھے۔ میں نے اس سے قتل کے متعلق کوئی بات نہ کی لیکن اس نے خود کہا

’’ومٹو صاحب! مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ سالا دیر سے مرا۔ چھری مارنے میں مجھ سے غلطی ہو گئی، ہاتھ ٹیڑھا پڑا۔ لیکن وہ بھی اس سالے کا قصور تھا۔ ایک دم مڑ گیا اور اس وجہ سے سارا معاملہ کنڈم ہو گیا۔ لیکن مر گیا۔ ذرا تکلیف کے ساتھ، جس کا مجھے افسوس ہے۔ ‘‘

آپ خود سوچ سکتے ہیں کہ میرا رد عمل کیا ہو گا۔ یعنی اس کو افسوس تھا کہ وہ اسے بطریق احسن قتل نہ کرسکا، اور یہ کہ مرنے میں اسے ذرا تکلیف ہوئی ہے۔ مقدمہ چلنا تھا۔ اور ممد بھائی اس سے بہت گھبراتا تھا۔ اس نے اپنی زندگی میں عدالت کی شکل کبھی نہیں دیکھی تھی۔ معلوم نہیں اس نے اس سے پہلے بھی قتل کیے تھے کہ نہیں لیکن جہاں تک میری معلومات کا تعلق نہیں وہ مجسٹریٹ، وکیل اور گواہ کے متعلق کچھ نہیں جانتا تھا، اس لیے کہ اس کا سابقہ ان لوگوں سے کبھی پڑا نہیں تھا۔ وہ بہت فکر مند تھا۔ پولیس نے جب کیس پیش کرنا چاہا اور تاریخ مقرر ہو گئی تو ممد بھائی بہت پریشان ہو گیا۔ عدالت میں مجسٹریٹ کے سامنے کیسے حاضر ہوا جاتا ہے، اس کے متعلق اس کو قطعاً معلوم نہیں تھا۔ بار بار وہ اپنی کرخت مونچھوں پر انگلیاں پھیرتا اور مجھ سے کہتا تھا۔

’’ومٹو صاحب! میں مر جاؤں گا پرکورٹ نہیں جاؤں گا۔ سالی، معلوم نہیں کیسی جگہ ہے۔ ‘‘

عرب گلی میں اس کے کئی دوست تھے۔ انھوں نے اس کو ڈھارس دی کہ معاملہ سنگین نہیں ہے۔ کوئی گواہ موجود نہیں، ایک صرف اس کی مونچھیں ہیں جو مجسٹریٹ کے دل میں اس کے خلاف یقینی طور پر کوئی مخالف جذبہ پیدا کرسکتی ہیں۔ جیسا کہ میں اس سے پیشتر کہہ چکا ہوں کہ اس کی صرف مونچھیں ہی تھیں جو اس کو خوفناک بناتی تھیں۔ اگر یہ نہ ہوتیں تو وہ ہرگز ہرگز

’’دادا‘‘

دکھائی نہ دیتا۔ اس نے بہت غور کیا۔ اس کی ضمانت تھانے ہی میں ہو گئی تھی۔ اب اسے عدالت میں پیش ہونا تھا۔ مجسٹریٹ سے وہ بہت گھبراتا تھا۔ ایرانی کے ہوٹل میں جب میری ملاقات ہوئی تو میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت پریشان ہے۔ اس کو اپنی مونچھوں کے متعلق بڑی فکر تھی۔ وہ سوچتا تھا کہ ان کے ساتھ اگر وہ عدالت میں پیش ہوا تو بہت ممکن ہے اس کو سزا ہو جائے۔ آپ سمجھتے ہیں کہ یہ کہانی ہے، مگر یہ واقعہ ہے کہ وہ بہت پریشان تھا۔ اس کے تمام شاگرد حیران تھے، اس لے کہ وہ کبھی حیران و پریشان نہیں ہوا تھا۔ اس کو مونچھوں کی فکر تھی کیوں کہ اس کے بعض قریبی دوستوں نے اس سے کہا تھا۔

’’ممد بھائی۔ کورٹ میں جانا ہے تو ان مونچھوں کے ساتھ کبھی نہ جانا۔ مجسٹریٹ تم کو اندر کردے گا۔ ‘‘

اور وہ سوچتا تھا۔ ہر وقت سوچتا تھا کہ اس کی مونچھوں نے اس آدمی کوقتل کیا ہے یا اس نے۔ لیکن کسی نتیجے پر پہنچ نہیں سکتا تھا۔ اس نے اپنا خنجر معلوم نہیں جو پہلی مرتبہ خون آشناہوا تھا یا اس سے پہلے کئی مرتبہ ہو چکا تھا، اپنے نیفے سے نکالا اور ہوٹل کے باہر گلی میں پھینک دیا۔ میں نے حیرت بھرے لہجے میں اس سے پوچھا۔

’’ممد بھائی۔ یہ کیا؟‘‘

’’کچھ نہیں ومٹو بھائی۔ بہت گھوٹالا ہو گیا ہے۔ کورٹ میں جانا ہے۔ یار دوست کہتے ہیں کہ تمہاری مونچھیں دیکھ کروہ ضرور تم کو سزا دے گا۔ اب بولو، میں کیا کروں؟‘‘

میں کیا بول سکتا تھا۔ میں نے اس کی مونچھوں کی طرف دیکھا جو واقعی بڑی خوفناک تھیں۔ میں نے اس سے صرف اتنا کہا۔

’’ممد بھائی! بات تو ٹھیک ہے۔ تمہاری مونچھیں مجسٹریٹ کے فیصلے پر ضرور اثر انداز ہوں گی۔ سچ پوچھو تو جو کچھ ہو گا، تمہار خلاف نہیں۔ مونچھوں کے خلاف ہو گا۔ ‘‘

’’تو میں منڈوادوں؟‘‘

ممد بھائی نے اپنی چہیتی مونچھوں پر بڑے پیار سے انگلی پھیری۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘

’’میرا خیال ہے جو کچھ بھی ہو، وہ تم نہ پوچھو۔ لیکن یہاں ہر شخص کا یہی خیال ہے کہ میں انھیں منڈوا دوں تاکہ وہ سالا مجسٹریٹ مہربان ہو جائے۔ تو منڈوادوں ومٹو بھائی؟‘‘

میں نے کچھ توقف کے بعد اس سے کہا۔

’’ہاں، اگر تم مناسب سمجھتے ہو تو منڈوادو۔ عدالت کا سوال ہے اور تمہاری مونچھیں واقعی بڑی خوفناک ہیں۔ ‘‘

دوسرے دن ممد بھائی نے اپنی مونچھیں۔ اپنی جان سے عزیز مونچھیں منڈوا ڈالیں۔ کیوں کہ اس کی عزت خطرے میں تھی۔ لیکن صرف دوسرے کے مشورے پر۔ مسٹر ایف، ایچ، ٹیگ کی عدالت میں اس کا مقدمہ پیش ہوا۔ مونچھوں کے بغیر ممد بھائی بھائی پیش ہوا۔ میں بھی وہاں موجود تھا۔ اس کے خلاف کوئی شہادت موجود نہیں تھی، لیکن مجسٹریٹ صاحب نے اس کو خطرناک غنڈہ قرار دیتے ہوئے تڑی پار یعنی صوبہ بدر کردیا۔ اس کو صرف ایک دن ملا تھا جس میں اسے اپنا تمام حساب کتاب طے کرکے بمبئی چھوڑ دینا تھا۔ عدالت سے باہر نکل کر اس نے مجھ سے کوئی بات نہ کی۔ اس کی چھوٹی بڑی انگلیاں بار بار بالائی ہونٹ کی طرف بڑھتی تھیں۔ مگر وہاں کوئی بال ہی نہیں تھا۔ شام کو جب اسے بمبئی چھوڑ کر کہیں اور جانا تھا، میری اس کی ملاقات ایرانی کے ہوٹل میں ہوئی۔ اس کے دس بیس شاگرد آس پاس کرسیوں پر بیٹھے چائے پی رہے تھے۔ جب میں اس سے ملا تواس نے مجھ سے کوئی بات نہ کی۔ مونچھوں کے بغیر وہ بہت شریف آدمی دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت مغموم ہے۔ اس کے پاس کرسی پر بیٹھ کر میں نے اس سے کہا۔

’’کیا بات ہے ممد بھائی؟‘‘

اس نے جواب میں ایک بہت بڑی گالی خدا معلوم کس کو دی اور کہا۔

’’سالا، اب ممد بھائی ہی نہیں رہا۔ ‘‘

مجھے معلوم تھا کہ وہ صوبہ بدر کیا جکا ہے۔

’’کوئی بات نہیں ممد بھائی!۔ یہاں نہیں تو کسی اور جگہ سہی!‘‘

اس نے تمام جگہوں کو بے شمار گالیاں دیں۔

’’سالا۔ اپن کو یہ غم نہیں۔ یہاں رہیں یا کسی اور جگہ رہیں۔ یہ سالا مونچھیں کیوں منڈوائیں؟‘‘

پھر اس نے ان لوگوں کو جنہوں نے اس کو مونچھیں منڈوانے کا مشورہ دیا تھا، ایک کروڑ گالیاں دیں اور کہا۔

’’سالا اگر مجھے تڑی پار ہی ہونا تھا تو مونچھوں کے ساتھ کیوں نہ ہوا۔ ‘‘

مجھے ہنسی آگئی۔ وہ آگ بگولا ہو گیا۔

’’سالا تم کیسا آدمی ہے، ومٹو۔ ہم سچ کہتا ہے، خدا کی قسم۔ ہمیں پھانسی لگا دیتے۔ پر۔ یہ بے وقوفی تو ہم نے خود کی۔ آج تک کسی سے نہ ڈرا تھا۔ سالا اپنی مونچھوں سے ڈر گیا۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے دوہتر اپنے منہ پرمارا۔

’’ممد بھائی لعنت ہے تجھ پر۔ سالا۔ اپنی مونچھوں سے ڈر گیا۔ اب جا اپنی ماں کے۔ ‘‘

اور اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے جو اس کے مونچھوں بغیر چہرے پر کچھ عجیب سے دکھائی دیتے تھے۔

سعادت حسن منٹو

ملبے کا ڈھیر

کامنی کے بیاہ کو ابھی ایک سال بھی نہ ہوا تھا کہ اس کا پتی دل کے عارضے کی وجہ سے مر گیا اور اپنی ساری جائیداد اس کے لیے چھوڑ گیا۔ کامنی کو بہت صدمہ پہنچا، اس لیے کہ وہ جوانی ہی میں بیوہ ہو گئی تھی۔ اس کی ماں عرصہ ہوا اس کے باپ کو داغ مفارقت دے گئی تھی۔ اگر وہ زندہ ہوتی تو کامنی اس کے پاس جا کر خوب روتی تاکہ اسے دم دلاسہ ملے۔ لیکن اُسے مجبوراً اپنے باپ کے پاس جانا پڑا جو کاٹھیاواڑ میں بہت بڑا کاروباری آدمی تھا۔ جب وہ اپنے پرانے گھر میں داخل ہوئی تو سیٹھ گھنشام داس باہر برآمدے میں ٹہل رہے تھے۔ غالباً اپنے کاروبار کے متعلق سوچ رہے تھے۔ جب کامنی ان کے پاس آئی تو وہ حیران سے ہو کر رہ گئے۔

’’کامنی‘‘

کامنی کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے، وہ اپنے پتا سے لپٹ گئی اور زارو قطار رونے لگی۔ سیٹھ گھنشام داس نے اس کو پچکارا اور پوچھا

’’کیابات ہے ؟‘‘

کامنی نے کوئی جواب نہ دیا اور روتی رہی۔ سیٹھ جی کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ بات کیا ہے۔ انھوں نے صرف ایک ہی چیز کے متعلق سوچا کہ شاید میری بیٹی کے پتی نے اس سے کوئی زیادتی کی ہے جس کے باعث اس کو بہت بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ چنانچہ انھوں نے اس سے پوچھا

’’کیوں بیٹی۔ کیا رنچھوڑ نے کوئی ایسی ویسی بات کی ہے؟‘‘

اس پر کامنی اور بھی زیادہ رونے لگی۔ سیٹھ گھنشام داس نے بہت پوچھا مگر کامنی نے کوئی جواب نہ دیا۔ آخر تنگ آگئے اور جھنجھلا کر کہا

’’مجھے ایک ضروری کام سے جانا ہے۔ تم نے میرا آدھا گھنٹہ خراب کر دیا ہے۔ بولو کیا بات ہے ؟‘‘

کامنی نے اپنی آنسو بھری آنکھوں سے اپنے باپ کی طرف دیکھا اور کہا

’’ان کا دیہانت ہو گیا ہے‘‘

سیٹھ گھنشام نے اپنی دھوتی کالانگ درست کیا اور پوچھا۔ کس کا ؟‘‘

کامنی نے ساڑھی کے پلو سے آنسوخشک کیے۔

’’وہی جن سے آپ نے میرا ویاہ کیا تھا۔ ‘‘

سیٹھ گھنشام سکتے میں آگئے۔

’’کب ؟‘‘

’’پرسوں‘‘

’’تم نے مجھے اطلاع بھی نہ دی‘‘

کامنی نے کہا

’’میں نے آپ کو تار دیا تھا۔ کیا ملا نہیں آپ کو ؟‘‘

اس کے باپ نے تھوڑی دیر سوچا

’’کل تار تو کافی آئے تھے۔ مگر مجھے اتنی فرصت نہیں تھی کہ انھیں دیکھ سکوں۔ اب میں پیڑھی جارہا ہوں۔ ہوسکتا ہے ان تاروں میں تمہارا تار بھی ہو‘‘

کامنی دو دن اپنے باپ کے پاس رہی اس کے بعد واپسی بمبئی چلی آئی اور اپنے شوہر کی جائیداد اپنے نام منتقل کروانے میں مشغول ہو گئی۔ رنچھوڑ کا صرف ایک بھائی تھا مگر اس کا جائیداد پر کوئی حق نہیں تھا، اس لیے کہ وہ اپنا حصہ وصول کر چکا تھا۔ کامنی جب اس کام سے فارغ ہو گئی تو اس نے اطمینان کا سانس لیا۔ کاٹھیاواڑ گجرات میں دس مکان، احمد آباد میں پانچ، بمبئی میں سات، ان کا کرایہ پر ماہ اُسے مل جاتا جو پانچ ہزار کے قریب ہوتا یہ سب روپے وہ اپنے منیم کے ذریعے سے وصول کرتی اوربینک میں جمع کرا دیتی۔ ایک برس کے اندر اس کے پاس ایک لاکھ روپیہ جمع ہو گئے اس لیے کہ اُس کے شوہر نے بھی تو کافی جائیداد چھوڑی تھی۔ وہ اب بڑی مالدار عورت تھی۔ دولت کے نشے نے اُس کے سارے غم دُور کردیے تھے۔ لیکن اُس کو کسی ساتھی کی ضرورت بڑی شدت سے محسوس ہوتی تھی۔ رات کو اکثر اسے نیند نہ آتی۔ گھر میں چار نوکر تھے جو اُس کی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے تیار رہتے۔ ہر قسم کی آسائش میسر تھی۔ لیکن وہ اپنی زندگی میں خلا محسوس کرتی تھی۔ جیسے موٹر کا ٹائر تو ہے ثابت و سالم مگر اس میں ہوا کم ہے۔ پچک پچک جاتا ہے۔ ایک روز وہ بڑی افسردہ حالت میں باہر برآمدے میں لٹکے ہوئے پنگھوڑے پر بیٹھی تھی کہ اس کا منیم آیا۔ کامنی اسے صرف منیم جی کہتی تھی۔ وہ عام منیموں جیسا بڈھا اور جھڑوس نہیں تھا۔ اُس کی عمر یہی تیس برس کے قریب ہو گی۔ صاف ستھرا۔ دھوتی بڑے سلیقے سے باندھتا تھا۔ خوش شکل اور تندرست و توانا تھا۔ پہلی مرتبہ کامنی نے اُسے غور سے دیکھا اور جھولا جھولتے ہوئے اس کے پرنام کا جواب دیا اور اُس سے پوچھا۔

’’کیوں منیم جی آپ کیسے آئے ؟‘‘

منیم نے اپنا بستہ جو اس کی بغل میں تھا نکالا۔ کھولنے ہی والا تھا کہ کامنی نے اس سے کہا

’’رہنے دیجیے حساب کتاب، چلیے چائے پئیں‘‘

دونوں اندر چلے گئے۔ چائے تیار تھی، گجراتی انداز کی۔ منیم کچھ جھینپا، اس لیے کہ وہ اس کا ملازم تھا اور دو سو روپے ماہوار لیتا تھا مگر کامنی نے اصرار کیا کہ اس کے سامنے کرسی پر بیٹھے۔ چائے کے ساتھ نمکین بسکٹ، کھاری سینگ ( نمک لگی مونگ پھلی) اور دال مونٹھ اور کچھ اسی قسم کی تین چار چیزیں اور تھیں۔ کامنی غور سے منیم کو دیکھ رہی تھی جو پہلی مرتبہ اس نوازش سے دو چار ہوا تھا۔ کامنی نے چائے کا ایک گھونٹ پی کر اُس سے پوچھا

’’منیم جی آپ کا نام کیا ہے؟‘‘

نوجوان منیم کے ہاتھ سے بسکٹ گر کر چائے کی پیالی میں ڈبکیاں لگانے لگا

’’جی میرا۔ میرا نام۔ رنچھوڑ داس ہے۔ ‘‘

کامنی کے ہاتھ سے چائے کی پیالی گرتے گرتے بچی۔

’’رنچھوڑ داس‘‘

جی ہاں‘‘

یہ تو میرے سورگ باشی پتی کا نام ہے‘‘

منیم نے کہا

’’مجھے معلوم ہے۔ اگر آپ کہیں تو میں اپنا نام بدل لوں گا‘‘

کامنی نے ایک بار پھر منیم کو غور سے دیکھا

’’نہیں نہیں۔ یہ نام مجھے پسند ہے۔ ‘‘

چائے کا سلسلہ ختم ہوا تو منیم نے اپنی آمد کا مقصد بیان کیا۔ ایک بلڈنگ پانچ منزلہ بنانے کا ٹھیکہ انھیں مل سکتا تھا۔ اُس نے کامنی سے کہا کہ اس سودے میں کم از کم پچاس ہزار روپے بلکہ اس سے زیادہ بچ جائیں گے۔ کامنی کے پاس کافی دولت موجود تھی اس کو کسی قسم کا لالچ نہیں تھا۔ لیکن منیم کے مشورے کو وہ نہ ٹال سکی۔ اس نے کہا

’’ہاں منیم جی۔ میں یہ ٹھیکہ لینے کے لیے تیار ہوں اس لیے کہ آپ چاہتے ہیں‘‘

منیم کی باچھیں کھل گئیں

’’بائی جی۔ ٹھیکہ کیا ہے بس سونا ہی سونا ہے‘‘

’’سونا ہو یا لوہا۔ آپ کو روپیہ کتنا چاہیے؟‘‘

’’دس ہزار‘‘

’’کل دس ہزار ؟‘‘

’’جی نہیں۔ یہ تو فوکٹ میں جائے گا۔ میرا مطلب ہے کہ رشوت میں۔ جب ٹھیکہ مل جائے گا تو ہم اُسے کسی اور کے حوالے کر دیں گے اور اپنے پیسے کھرے کر لیں گے‘‘

کامنی کی سمجھ میں یہ بات نہ آئی

’’ٹھیکہ مل جائے گا تو آپ اسے کسی دوسرے آدمی کے حوالے کیوں کریں گے ؟‘‘

منیم ہنسا۔

’’بائی جی۔ یہ دنیا اسی طرح چلتی ہے۔ ہم محنت کیوں کریں۔ دس ہزار دیں گے۔ یہ کیا کم ہے اور سالا جس کو ہم دیں گے ہزاروں کمائے گا۔ ‘‘

کامنی کے دماغ میں روپے پیسے نہیں تھے وہ بار بار منیم کو دیکھ رہی تھی۔ منیم کو بھی اس کا علم تھا کہ وہ اس کی ذات میں دلچسپی لے رہی ہے۔ تھوڑی دیر ٹھیکے بارے میں گفتگو ہوتی رہی لیکن بالکل ٹھس اور بے کیف۔ اچانک منیم نے کامنی کا ہاتھ پکڑ لیا اور دوسرے کمرے میں لے گیا۔ منیم اور کامنی دیر تک اُس کمرے میں رہے۔ منیم اپنی دھوتی کا لانگ ٹھیک کرتے ہوئے باہر نکلا۔ بیڑی سلگا کر کرسی پر بیٹھ گیا۔ اتنے میں زردرو کامنی آئی اور اس کے پاس والی کرسی پر بیٹھ گئی۔ منیم نے اس سے کہا

’’بائی جی تو وہ دس ہزار کا چیک لکھ دیجئیے‘‘

کامنی اُٹھی۔ اپنی ساڑھی کے پلو میں اُڑسے ہوئے چابیوں کے چھلے کو نکالا اور الماری کھول کر چیک بک نکالی اور دس ہزار روپے کا چیک کاٹ کر منیم کو دے دیا۔ منیم نے یہ چیک اپنی واسکٹ میں رکھا اور کامنی سے کہا

’’اچھا تو میں چلتا ہوں۔ کل کام ہو جائے گا‘‘

دوسرے روز کام ہو گیا ٹھیکہ مل گیا اب اس کو ٹھکانے لگانے کا کام باقی رہ گیا تھا منیم کامنی بائی کے پاس آیا۔ دونوں کچھ دیر دوسرے کمرے میں رہے اس دوران میں سب باتیں ہو گئیں۔ اب یہ مرحلہ باقی رہ گیا کہ ٹھیکہ کس کے نام فروخت کیا جائے۔ کوئی ایسی پارٹی ہونی چاہیے کہ جو یک مشت روپیہ ادا کر دے۔ منیم ہوشیار آدمی تھا۔ اس نے کافی دوڑ دھوپ کی آخر ایک پارٹی ڈُھونڈ نکالی جس نے دو لاکھ روپیہ یک مشت ادا کردیا۔ اور بلڈنگ کا کام شروع ہو گیا۔ منیم نے جب دو لاکھ روپے کامنی کو دیے تو اسے کوئی خاص خوشی نہ ہوئی۔ البتہ وہ اُس کا ہاتھ پکڑ کر دوسرے کمرے میں لے گئی۔ جہاں وہ دیر تک زیر تعمیر بلڈنگ کے متعلق گفتگو کرتے رہے۔ بلڈنگ کا کام دن رات جاری تھا۔ پانچ سو مزدور کام کررہے تھے۔ پانچ منزلہ عمارت بن رہی تھی۔ اُدھر کامنی اور اُس کا منیم دوسرے کمرے میں کئی منزلیں طے کر چکے تھے۔ منیم بہت خوش تھا کہ اس نے بہت اچھا سودا کیا۔ دو لاکھ روپے بغیر کسی محنت کے وصول ہو گئے لیکن جس پارٹی نے یہ ٹھیکہ خریدا تھا اس کو اپنی دانست کے مطابق خسارہ ہی خسارہ نظر آرہا تھا۔ مطلب یہ ہے کہ اسے زیادہ منافع کی اُمید نہیں تھی۔ ایک مہینہ گزر گیا۔ بلڈنگ پانچوں منزل تک پہنچ گئی۔ پانچ سو مزدور دن رات عمارت سازی میں مصروف تھے۔ رات کو گیس کے لیمپ روشن کیے جاتے سیمنٹ اور بجری کو ملا کر مشین چلتی رہتی۔ مزدوروں میں مردوں کے علاوہ عورتیں بھی تھیں جو مردوں کے مقابلے میں بڑی تن دہی سے کام کرتی تھیں اپنے شیر خوار بچوں کو جو نیچے زمین پر پڑے ہوئے دودھ بھی پلاتیں اور سیمنٹ بجری اُٹھا کر پانچویں منزل تک پہنچاتیں۔ کامنی کے دوسرے کمرے میں ایک دن یہ طے ہوا کہ وہ شادی کر لیں۔ دوسرے دن صبح اخبار میں منیم نے پڑھا کہ وہ بلڈنگ جو تعمیر ہو رہی تھی ناقص مسالہ استعمال کرنے کے باعث اچانک گر گئی۔ پچاس مزدور نیچے دب گئے۔ اُن کی لاشیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ منیم کامنی کے ساتھ چمٹا ہوا تھا۔ جب کامنی نے یہ خبر سنی تو اُس نے منیم کو دھکا دے کر ایک طرف کر دیا جیسے وہ ملبے کا ڈھیر ہے۔

سعادت حسن منٹو

ملاوٹ

امرتسر میں علی محمد کی منیاری کی دکان تھی‘ چھوٹی سی مگر اس میں ہر چیز موجود تھی‘ اُس نے کچھ اس قرینے سے سامان رکھا تھا کہ ٹھنسا ٹھنسا دکھائی نہیں دیتا تھا۔ امرتسر میں دوسرے دکاندار بلیک کرتے تھے مگر علی محمد واجبی نرخ پر اپنا مال فروخت کرتا تھا ‘ یہی وجہ ہے کہ لوگ دُور دُور سے اس کے پاس آتے اور اپنی ضرورت کی چیزیں خرید کرتے۔ وہ مذہبی قسم کا آدمی تھا‘ زیادہ منافع لینا اس کے نزدیک گناہ تھا‘ اکیلی جان تھی‘ اس کے لیے جائز منافع ہی کافی تھا۔ سارا دن دکان پر بیٹھتا‘ گاہکوں کی بھیڑ لگی رہتی‘ اس کو بعض اوقات افسوس ہوتا جب وہ کسی گاہک کو سنلائیٹ صابن کی ایک ٹکیہ نہ دے سکتا یا کیلی فورنین پوپی کی بوتل‘ کیونکہ یہ چیزیں اسے محدود تعداد میں ملتی تھیں۔ بلیک نہ کرنے کے باوجود وہ خوشحال تھا۔ اُس نے دو ہزار روپے پس انداز کر رکھے تھے ‘ جوان تھا۔ ایک دن دکان پر بیٹھے بیٹھے اُس نے سوچا کہ اب شادی کر لینی چاہیے۔ بُرے بُرے خیال دماغ میں آتے ہیں‘ شادی کر لوں کہ زندگی میں لطافت پیدا ہو جائے گی‘ بال بچے ہوں گے‘ ان کی پرورش کے لیے میں اور زیادہ کمانے کی کوشش کروں گا۔ اس کے والدین عرصہ ہوا‘ اﷲ کو پیارے ہو چکے تھے‘ اس کی کوئی بہن تھی نہ بھائی۔ وہ بالکل اکیلا تھا ‘ شروع شروع میں جبکہ وہ دس برس کا تھا‘ اس نے اخبار بیچنے شروع کیے‘ اس کے بعد خوانچہ لگایا‘ قلفیاں بیچیں‘ جب اس کے پاس ایک ہزار روپیہ جمع ہو گیا تو اس نے ایک چھوٹی سی دکان کرائے پر لے لی اور منیاری کا سامان خرید کر بیٹھ گیا۔ آدمی ایماندار تھا‘ اُس کی دکان تھوڑے ہی عرصے میں چل نکلی۔ جہاں تک آمدن کا تعلق تھا وہ اس سے بے فکر تھا مگر وہ چاہتا تھا گھر بسائے۔ اس کی بیوی ہو‘ بچے ہوں اور وہ ان کے لیے زیادہ سے زیادہ کمانے کی کوشش کرے‘ اس لیے کہ اس کی زندگی مشین ایسی بن گئی تھی ‘ صبح دکان کھولتا‘ گاہک آتے انھیں سودا دیتا‘ شام کو دکان بند کرتا اور ایک چھوٹی سی کوٹھڑی میں جو اس نے شریف پورہ میں لے رکھی تھی‘ سو جاتا۔ گنجے کا ہوٹل تھا اس میں وہ کھانا کھاتا‘ صرف ایک وقت‘ صبح ناشتہ جیمل سنگھ کے کٹڑے میں شابھے حلوائی کی دکان میں کرتا‘ دکان کھولتا اور شام تک اپنی گدی پر بیٹھا رہتا۔ اس کے اندر شادی کی خواہش شدت اختیار کرتی گئی لیکن سوال یہ تھا کہ اس معاملے میں اس کی مدد کون کرے۔ امرتسر میں اس کا کوئی دوست یار بھی نہیں تھا جو اس کے لیے کوشش کرتا۔ وہ بہت پریشان تھا‘ شریف پورہ کی کوٹھڑی میں رات کو سوتے وقت وہ کئی مرتبہ رویا کہ اس کے ماں باپ اتنی جلدی کیوں مر گئے‘ انھیں اور کچھ نہیں تو اس لیے زندہ رہنا چاہیے تھا کہ وہ اس کی شادی کا بندوبست کر جاتے۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ شادی کیسے کرے‘ بہت دیر تک سوچتا رہا‘ اس دوران میں اس کے پاس تین ہزار روپے جمع ہو گئے‘ اس نے ایک چھوٹے سے گھر کو جو اچھا خاصا تھا کرایے پر لے لیا مگر رہتا وہ شریف پورے ہی میں تھا۔ ایک دن اس نے اخبار میں ایک اشتہار دیکھا جس میں لکھا تھا کہ شادی کے خواہشمند حضرات ہم سے رجوع کریں۔ بی اے پاس لیڈی ڈاکٹر ‘ ہر قسم کے رشتے موجود ہیں‘ خط و کتابت کیجیے یا خود آ کے ملیے۔ اتوار کو وہ دکان نہیں کھولتا تھا اُس دن وہ اس پتے پر گیا اور اس کی ملاقات ایک داڑھی والے بزرگ سے ہوئی۔ علی محمد نے مدعا بیان کیا‘ داڑھی والے بزرگ نے میز کا دراز کھول کر بیس پچیس تصویریں نکالیں اور اس کو ایک ایک کر کے دکھائیں کہ وہ ان میں سے کوئی پسند کرے۔ ایک لڑکی کی تصویر علی محمد کو پسند آ گئی‘ چھوٹی عمر کی اور خوبصورت تھی۔ اس نے شادیاں کرانے والے ایجنٹ سے کہا ‘

’’جناب۔ یہ لڑکی مجھے پسند ہے‘‘

ایجنٹ مسکرایا

’’تم نے ایک ہیرا چن لیا ہے‘‘

علی محمد کو ایسا محسوس ہوا کہ وہ لڑکی اس کی آغوش میں ہے‘ اس نے گٹکنا شروع کر دیا

’’بس۔ جناب آپ بات پکّی کر دیجیے ‘ ایجنٹ سنجیدہ ہو گیا‘ دیکھو برخوردار!۔ یہ لڑکی تم نے چنی ہے‘ علاوہ حسین ہونے کے بہت بڑے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ لیکن تم سے زیادہ فیس نہیں مانگوں گا‘‘

’’آپ کی بڑی نوازش ہے۔ میں یتیم لڑکا ہوں۔ اگر آپ میرا یہ کام کر دیں تو آپ کو ساری عمر اپنا باپ سمجھوں گا‘‘

ایجنٹ کے مونچھوں بھرے ہونٹوں پر پھر مسکراہٹ نمودار ہوئی‘ جیتے رہو۔ میں تم سے صرف تین سو روپے فیس لوں گا‘ علی محمد نے بڑے متشکرانہ لہجے میں کہا

’’جناب کا بہت بہت شکریہ۔ مجھے منظور ہے‘‘

یہ کہہ کر اس نے جیب سے تین نوٹ سوسو روپے کے نکالے اور اس بزرگوار کو دے دیے۔ تاریخ مقرر ہو گئی‘ نکاح ہوا‘ رخصتی بھی ہوئی‘ علی محمد نے وہ چھوٹا سا مکان کرایے پر لے رکھا تھا‘ اب سجا سجایا تھا‘ وہ اس میں بڑے چاؤ سے اپنی دلہن لے کر آیا‘ پہلی رات کا تصور معلوم نہیں‘ اس کے دل و دماغ میں کس قسم کا تھا مگر جب اس نے دلہن کا گھونگھٹ ہاتھوں سے اُٹھایا تو اس کو غش سا آ گیا۔ نہایت بدشکل عورت تھی۔ صریحاً اس مرد بزرگ نے اس کے ساتھ دھوکا کیا تھا‘ علی محمد لڑکھڑاتا کمرے سے باہر نکلا اور شریف پورے جا کر اپنی کوٹھڑی میں دیر تک سوچتا رہا کہ یہ ہوا کیا ہے لیکن اس کی سمجھ میں کچھ بھی نہ آیا۔ اس نے اپنی دکان نہ کھولی۔ دو ہزار روپے وہ اپنی بیوی کا حق مہر ادا کر چکا تھا‘ تین سو روپے اس ایجنٹ کو‘ اب اس کے صرف سات سو روپے تھے۔ وہ اس قدر دل برداشتہ ہو گیا تھا کہ اس نے سوچا شہر ہی چھوڑ دے۔ ساری رات جاگتا رہا اور سوچتا رہا ‘ اس نے فیصلہ کر ہی لیا ‘ صبح دس بجے اس نے اپنی دکان ایک شخص کے پاس پانچ ہزار روپے میں یعنی اونے پونے داموں بیچ دی اور ٹکٹ کٹوا کر لاہور چلا آیا۔ لاہور جاتے ہوئے گاڑی میں کسی جیب کترے نے بڑی صفائی سے اس کے تمام روپے غائب کر دیے‘ وہ بہت پریشان ہوا۔ لیکن اس نے سوچا کہ شاید خدا کو یہی منظور تھا۔ لاہور پہنچا تو اس کی دوسری جیب میں جو کتری نہیں گئی تھی صرف دس روپے اور گیارہ آنے تھے اس سے اس نے چند روز گزارہ کیا لیکن بعد میں فاقوں کی نوبت آ گئی۔ اس دوران میں اس نے کہیں نہ کہیں ملازم ہونے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہا۔ وہ اس قدر مایوس ہو گیا کہ اس نے خودکشی کا ارادہ کر لیا مگر اس میں اتنی جرأت نہیں تھی‘ اس کے باوجود ایک رات وہ ریل کی پٹڑی پر لیٹ گیا‘ ٹرین آ رہی تھی مگر کانٹا بدلا اور وہ دوسری لائن پر چلی گئی کہ اسے ادھر ہی جانا تھا۔ اس نے سوچا کہ موت بھی دھوکا دے جاتی ہے چنانچہ اس نے خودکشی کا خیال چھوڑ دیا اور ہلدی اور مرچیں پیسنے والی ایک چکی میں بیس روپے ماہوار پر ملازمت اختیار کر لی۔ یہاں اسے پہلے ہی دن معلوم ہو گیا کہ دنیا دھوکا ہی دھوکا ہے‘ ہلدی میں پیلی مٹی کی ملاوٹ کی جاتی تھی‘اور مرچوں میں سرخ اینٹوں کی۔ دو برس تک وہ اس چکی میں کام کرتا رہا ‘ اس کا مالک ہر مہینے کم از کم سات سو روپے ماہوار کماتا تھا‘ اس دوران میں علی محمد نے پانچ سو روپے پس انداز کر لیے تھے‘ ایک دن اس نے سوچا جب ساری دنیا میں فریب ہی فریب ہے تو وہ بھی کیوں نہ فریب کرے۔ اس نے چنانچہ ایک علیحدہ چکی قائم کر لی اور اس میں مرچوں اور ہلدی میں ملاوٹ کا کام شروع کر دیا۔ اس کی آمدن اب کافی معقول تھی اس کو شادی کا کئی بار خیال آیا مگر جب اس کی آنکھوں کے سامنے اس پہلی رات کا نقشہ آیا تو وہ کانپ کانپ گیا۔ علی محمد خوش تھا اس نے فریب کاری پوری طرح سیکھ لی تھی‘ اس کو اب اس کے تمام گُر معلوم ہو گئے تھے‘ ایک من لال مرچوں میں کتنی اینٹیں پسنی چاہئیں‘ ہلدی میں کتنی زرد رنگ کی مٹی ڈالنی چاہیے اور پھر وہاں کا حساب‘ یہ اب اس کو اچھی طرح معلوم تھا۔ لیکن ایک دن اس کی چکی پر پولیس کا چھاپہ پڑا‘ ہلدی اور مرچوں کے نمونے بوتلوں میں ڈال کر مہر بند کیے گئے۔ اور جب کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ آئی کہ ان میں ملاوٹ ہے تو اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کا لاہور میں کون تھا جو اس کی ضمانت دیتا۔ کئی دن حوالات میں بند رہا۔ آخر مقدمہ عدالت میں پیش ہوا اور اس کو سو روپیہ جُرمانہ اور ایک مہینے کی قید بامشقت کی سزا ہوئی۔ جرمانہ تو اس نے ادا کر دیا لیکن ایک مہینے کی قید بامشقت اسے بھگتنا ہی پڑی‘ یہ ایک مہینہ اس کی زندگی میں بہت کڑا وقت تھا۔ اس دوران میں وہ اکثر سوچتا تھا کہ اُس نے بے ایمانی کیوں کی‘ جبکہ اس نے اپنی زندگی کا یہ اصول بنا لیا تھا کہ وہ کبھی خراب کاری نہیں کرے گا۔ پھر وہ سوچتا کہ اسے اپنی زندگی ختم کر لینی چاہیے ‘ اس لیے کہ وہ اِدھر کا رہا نہ اُدھر کا ‘ اس کا کردار مضبوط نہیں۔ بہتر یہی ہے کہ مر جائے تاکہ اس کا ذہنی اضطراب ختم ہو۔ جب وہ جیل سے باہر نکلا تو وہ مضبوط ارادہ کر چکا تھا کہ خودکشی کر لے گا تاکہ سارا جھنجھٹ ہی ختم ہو۔ اس غرض کے لیے اُس نے سات روز مزدوری کی اور دو تین روپے اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر جمع کیے۔ اُس کے بعد اس نے سوچا ‘ کون سا زہر ہو گا جو کارآمد ہو سکتا ہے۔ اُس نے صرف ایک ہی زہر کا نام سُنا تھا جو بڑا قاتل ہوتا ہے۔ سنکھیا مگر یہ سنکھیا کہاں سے ملتی؟ اُس نے بہت کوشش کی ‘ آخر اُسے ایک دکان سے سنکھیا مل گئی اس نے عشاء کی نماز پڑھی خدا سے اپنے گناہوں کی معافی مانگی کہ وہ ہلدی اور مرچوں میں ملاوٹ کرتا رہا‘ پھر رات کو سنکھیا کھائی اور فٹ پاتھ پر سو گیا۔ اُس نے سُنا تھا سنکھیا کھانے والوں کے منہ سے جھاگ نکلتے ہیں‘ تشنج کے دورے پڑتے ہیں ‘ بڑا کرب ہوتا ہے مگر اسے کچھ بھی نہ ہوا‘ ساری رات وہ اپنی موت کا انتظار کرتا رہا مگر وہ نہ آئی۔ صبح اُٹھ کر وہ اس دکاندار کے پاس گیا جس سے اس نے سنکھیا خریدی تھی اور اس سے پوچھا بھائی صاحب! یہ آپ نے مجھے کیسی سنکھیا دی ہے کہ میں ابھی تک نہیں مرا‘‘

دکاندار نے آہ بھر کے بڑے افسوسناک لہجے میں کہا :

’’کیا کہوں میرے بھائی۔ آج کل ہر چیز نقلی ہوتی ہے۔ یا اُس میں ملاوٹ ہوتی ہے‘‘

۱۹، مئی ۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

ملاقاتی

’’آج صبح آپ سے کون ملنے آیا تھا‘‘

’’مجھے کیا معلوم میں تو اپنے کمرے میں سو رہا تھا۔ ‘‘

’’آپ تو بس ہر وقت سوئے ہی رہتے ہیں آپ کو کسی بات کا علم نہیں ہوتا حالانکہ آپ سب کچھ جانتے ہوتے ہیں‘‘

’’یہ عجیب منطق ہے۔ اب مجھے کیا معلوم کون صبح سویرے تشریف لایا تھا کون آیا ہو گا۔ میرے ملنے والا یا کوئی اور شخص جسے سفارش کرانا ہو گی۔ ‘‘

’’آپ کی سفارش کہاں چلتی ہے۔ بڑے آئے ہیں گورنر کہیں گے۔ ‘‘

’’میں نے گورنری کا دعوےٰ کبھی نہیں کیا لیکن اِدھر اُدھر میری تھوڑی سی واقفیت ہے اس لیے دوست یار کبھی کبھی کسی رشتے دار کو یہاں لے آتے ہیں کہ سفارش کر دو‘‘

’’آپ بات ٹالنے کی کوشش نہ کیجیے۔ میری اس بات کا جواب دیجیے کہ صبح سویرے آپ سے ملنے کے لیے کون آیا تھا۔ ‘‘

’’بھئی کہہ تو دیا ہے کہ مجھے علم نہیں۔ میں اندر اپنے کمرے میں سو رہا تھا۔ تمھیں اتنا تو یاد ہونا چاہیے کہ رات بڑے بچے کو بخار تھا اور میں دیر تک جاگتا رہا اُس کے بعد اُٹھ کر اپنے کمرے میں چلا گیا اور نو بجے تک سوتا رہا۔ ‘‘

’’میں تواُوپر کوٹھے پر تھی۔ ہوسکتا ہے کہ آپ اس سے اُٹھ کر ملے ہوں۔ ‘‘

’’کسی سے کچھ پتہ بھی تو چلے‘‘

’’آپ کو پتہ چل جائے گا جب میں یہ گھر چھوڑ کر میکے چلی جاؤں گی‘‘

’’میری سمجھ میں نہیں آتا تمھیں ایکا ایکی کیا ہو جاتا ہے تمہارے دماغ میں یقیناًفتور ہے۔ ‘‘

’’فتور ہو گا آپ کے دماغ میں۔ میرا دماغ اچھا بھلا ہے دیکھیے میں آپ سے کہہ دوں آپ زبان سنبھال کر بات کیا کیجیے مجھ سے آپ کی یہ بد زُبانیاں برداشت نہیں ہوسکتیں۔ ‘‘

’’تم خود پرلے درجے کی بد زبان ہو کیا عورت کو اپنے شوہر سے اس طرح سے بات کرنی چاہیے۔ ‘‘

’’جو شوہر اس قابل ہو گا۔ اُس سے اس قسم کے لہجے میں گفتگو کرنا پڑے گی۔ ‘‘

’’بند کرو اس گفتگو کو۔ میں تمہاری اس روز روز کی چخ چخ سے تنگ آ چکا ہوں تم تو میکے جاتی رہو گی۔ میں اس سے پہلے اس گھر سے نکل کر چلا جاؤں گا۔ ‘‘

’’کہاں۔ ‘‘

’’کسی جنگل میں‘‘

’’وہاں جا کر کیا کیجیے گا۔ ‘‘

’’سنیاسی بن جاؤں گا۔ تم سے چھٹکارا تو مل جائے گا۔ خدا کی قسم چند برسوں سے تم نے میرے ناک میں دم کر رکھا ہے بات بات پر نوک جھونک کرتی ہو آخر یہ سلسلہ کیا ہے جانے کون کم بخت صبح مجھ سے ملنے آیا تھا میرے دشمنوں کو بھی خبر نہیں خود کہتی ہو کہ تم کوٹھے پر تھیں تمھیں کیسے معلوم ہو گیا کوئی مجھ سے ملنے آیا ہے کبھی تک کی بات بھی کیا کرو۔ ‘‘

’’آپ تو ہمیشہ تک کی بات کرتے ہیں ابھی کل ہی کی بات ہے۔ آپ دفتر سے آئے تو میں نے آپ کی سفید قمیص پر لال رنگ کا ایک دھبہ دیکھا میں نے پوچھا یہ کیسے لگا آپ سٹپٹا گئے مگر فوراً سنبھل کر ایک گھڑدی کہ لال پنسل سے کھجا رہا تھا شاید یہ اُس کا نشان ہو گا۔ حالانکہ جب آپ نے قمیص اُتاری اور میں نے اس دھبے کو غور سے دیکھا تو وہ لپ اسٹک کا دھبہ تھا۔ ‘‘

’’میرا خیال ہے کہ تمہارا دماغ چل گیا ہے‘‘

’’جناب اس لال دھبے سے خوشبو بھی آرہی تھی۔ کیا آپکے دفتر کی لال پنسلوں میں خوشبو ہوتی ہے‘‘

’’عورت کا دُوسرا نام اپنے خاوند کی ہربات کو شک کی نظروں سے دیکھنا ہے۔ کل صبح تم نے ہی میری اِس قمیص پر سینٹ لگایا تھا۔ ‘‘

’’لگایا ہو گا مگر وو دھبہیقیناًلپ اسٹک کا تھا۔ ‘‘

’’یعنی آپ لپ اسٹک لگے ہونٹ میری قمیص چومتے رہے‘‘

’’آپ کو باتیں بنانا خوب آتی ہیں قمیص چومنے کا سوال کیا پیدا ہوتا ہے‘‘

کیا ہونٹ ویسے ہی قمیص سے نہیں چھوسکتے۔ ‘‘

’’چھو سکتے ہیں بابا۔ چھو سکتے ہیں تم یہ سمجھتی ہو کہ میں کوئی یوسف ہوں کہ لڑکیاں میرے حسن سے اس قدر متاثر ہوتی ہیں کہ غش کھا کر مجھ پر گرتی جاتی ہیں اور میں جھاڑو ہاتھ میں لیکر سڑکوں سے یہ کوڑا کرکٹ اُٹھاتا رہتا ہوں۔ ‘‘

’’مرد ہمیشہ یہی کہا کرتے ہیں‘‘

’’دیکھو تم عورت ذات کی خود عورت ہو کر توہین کر رہی ہو۔ کیا عورتیں اتنے ہی کمزور کردار کی ہیں کہ ہر مرد کے آگے پاانداز کی طرح بچھ جائیں خدا کے لیے کچھ تو اپنی صنف کا خیال کرو میں نے تو ہمیشہ عورت کی عزت کی ہے۔ ‘‘

’’عزت کرنا ہی تو آپ کا سب سے بڑا ہتھیار ہے جو بے چاری بھولی بھالی عورت کو آپ کے جال میں پھنسا لیتا ہے۔ ‘‘

’’میں کوئی چڑی مار نہیں جو جال بچھاتا رہے‘‘

’’آپ کسر نفسی سے کام لے رہے ہیں ورنہ آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ آپ چڑی ماروں کے گرو ہیں۔ ‘‘

’’یہ رُتبہ آج تم نے بخشا ہے۔ آٹھ دس روز ہوئے مجھے کمینہ کہا گیا تھا آج چڑی ماروں کا گرو پرسوں یہ ارشاد ہو گا کہ تم ہٹلر ؔ ہو۔ ‘‘

’’وہ تو آپ ہیں۔ اس گھر میں چلتی کس کی ہے جو آپ کہیں وہی ہو گا۔ ہو کے رہے گا۔ میں تو تین میں ہوں نہ تیرہ میں‘‘

’’میں کہتا ہوں اب یہ فضول بکواس بند ہو جانی چاہیے میرا دماغ چکرا گیا ہے۔ ‘‘

’’دماغ آپ کا بہت نازک ہے۔ ذراسی بات کر و تو چکرانے لگتا ہے۔ میں عورت ہوں میرا دماغ تو آج تک آپکی باتوں سے نہیں چکرایا۔ ‘‘

’’عورتیں بڑی سخت دماغ ہوتی ہیں یُوں تو انھیں صنف نازک کہا جاتا ہے مگر جب واسطہ پڑتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ ان ایسی صنفِ کرخت دُنیا کے تختے پر نہیں۔ ‘‘

’’آپ حد سے بڑھ رہے ہیں‘‘

’’کیا کروں۔ تم جو میرا دماغ چاٹ گئی ہو تم اتنا تو سوچو کہ میں دفتر میں آٹھ گھنٹے جھک مار کر گھر آیا ہوں تھکا ہارا ہوں مجھے آرام کی ضرورت ہے اور تم لے بیٹھی ہو ایک فرضی قصّہ کہ تم سے ملنے کے لیے صبح سویرے کوئی آیا تھا۔ کون آیا تھا یہ بتا دو تو ساری جھنجھٹ ختم ہو۔ ‘‘

’’آپ تو بس بات ٹالنا چاہتے ہیں‘‘

’’کون خر ذات بات ٹالنا چاہتا ہے۔ میں تو چاہتا ہوں کہ یہ کسی نہ کسی حیلے ختم ہو۔ لو اب بتا دو کون آیا تھا مجھ سے ملنے‘‘

’’ایک چڑیل تھی۔ ‘‘

’’وہ یہاں کیا کرنے آئی تھی۔ میرا اُس سے کیا کام؟‘‘

’’یہ آپ اُسی سے پوچھیے گا۔ ‘‘

’’اب تو مجھ سے پہیلیاں نہ بھجواؤ۔ بتاؤ کون آیا تھا۔ لیکن تم تو کوٹھے پر سو رہی تھی۔ ‘‘

’’میں کہیں بھی سوؤں لیکن مجھے ہر بات کی خبر ہوتی ہے۔ ‘‘

’’اچھا بھئی میں تو اب ہار گیا نہا دھو کر کلب جاتا ہوں کہ طبیعت کا تکدر کسی قدر دُور ہو۔ ‘‘

’’صاف کیوں نہیں کہتے کہ آپ اُس سے ملنے جا رہے ہیں‘‘

’’خدا کی قسم آج میرا دماغ پاش پاش ہو جائے گا۔ میں کس سے ملنے جارہا ہوں‘‘

’’اُسی سے‘‘

’’تمہارا مطلب ہے اُسی چڑیل سے‘‘

’’اب آپ سمجھ گئے۔ تو کلب جا کر آپ کو اور کس سے ملنا ہے مجھ سے‘‘

’’تم تو ہر وقت میرے سینے پر سوار رہتی ہو۔ ‘‘

’’اسی لیے تو آپ اپنے سینے کا بوجھ ہلکا کرنے جارہے ہیں کسی دن مجھے زہر ہی کیوں نہیں دے دیتے تاکہ قصہ ہی ختم ہو۔ ‘‘

’’اتنی دیر میں تو پاگل نہیں ہوئی۔ لیکن آج ضرور ہو جاؤں گی۔ ‘‘

’’اس لیے کہ میں نے آپ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔ ‘‘

’’میری تو ہر رگ آج دُکھ رہی ہے تم نے مجھے اس قدر جھنجوڑا اور لتاڑا ہے کہ اللہ کی پناہ۔ تم عورت نہیں ہو۔ لندھر پہلوان ہو۔ ‘‘

’’یہ سننا آپ سے باقی رہ گیا تھا۔ نہ رہے وہ چڑیل اس دُنیا کے تختے پر۔ ‘‘

’’پھر وہی چڑیل۔ دیکھو باہر ڈیوڑھی سے مجھے کسی عورت کی آواز سُنائی دی ہے‘‘

’’آپ ہی جا کر دیکھیے‘‘

’’لاحول ولا قوۃ عورتوں کو دیکھنا میرا کام نہیں۔ صرف تمہارا ہے۔ !‘‘

’’نوکر سے کہتی ہوں‘‘

’’بی بی جی وہی بی بی آئی ہیں جو آج صبح آئی تھیں۔ ‘‘

’’میں چلتا ہوں۔ ‘‘

’’نہیں نہیں۔ آپ ہی سے تو وہ ملنے آئی ہے‘‘

۔

’’اوہ ذکیہ۔ تم۔ تم۔ تم یہاں کب آئیں‘‘

’’ہوائی جہاز میں پہلے نیرولی سے کراچی پہنچی پھروہاں سے یہاں ہوائی جہاز ہی میں آئی۔ ابا جی باہر کھڑے ہیں‘‘

’’تم نے بھی حد کر دی ذکیہ۔ میں خود جاتی ہوں۔ اپنے ابا جی کو لینے اتنی مدت ہو گئی ہے اُن کو دیکھے ہوئے!‘‘

سعادت حسن منٹو

مِصری کی ڈلی

پچھلے دنوں میری روح اور میرا جسم دونوں علیل تھے۔ روح اس لیے کہ میں نے دفعتاً اپنے ماحول کی خوفناک ویرانی کو محسوس کیا تھا اورجسم اس لیے کہ میرے تمام پٹھے سردی لگ جانے کے باعث چوبی تختے کے مانند اکڑ گئے تھے۔ دس دن تک میں اپنے کمرے میں پلنگ پر لیٹا رہا۔ پلنگ۔ اس چیز کو پلنگ ہی کہہ لیجئے جو لکڑی کے چار بڑے بڑے پائیوں، پندرہ بیس چوبی ڈونڈوں اور ڈیڑھ دومن وزنی مستطیل آہنی چادر پر مشتمل ہے۔ لوہے کی یہ بھاری بھر کم چادر نواڑ اور سُوتلی کا کام دیتی ہے۔ اس پلنگ کا فائدہ یہ ہے کہ کھٹمل دور رہتے ہیں اور یوں بھی کافی مضبوط ہے، یعنی صدیوں تک قائم رہ سکتا ہے۔ یہ پلنگ میرے پڑوسی سلیم صاحب کا عنایت کردہ ہے۔ میں زمین پر سوتا تھا چنانچہ انھوں نے مجھے یہ پلنگ جو انھیں کے کمرے کے ساتھ ملا تھا مجھے دے دیا۔ تاکہ میں سخت فرش پر سونے کے بجائے لوہے کی چادر پر آرام کروں۔ سلیم صاحب اور ان کی بیوی کومیرا بہت خیال ہے اور میں ان کا بہت ممنون ہوں۔ اگر میں معمولی سے معمولی چارپائی بھی بازار سے لیتا تو کم از کم چار یا پانچ روپے خرچ ہو جاتے۔ خیر، چھوڑیئے اس قصّے کو۔ میں یہ بات کررہا تھا کہ پچھلے دنوں میری رُوح اور میرا جسم دونوں علیل تھے۔ دس دن اور دس راتیں میں نے ایسے خلا میں بسر کیں جس کی تفصیل میں بیان ہی نہیں کرسکتا۔ بس ایسا معلوم ہوتا تھا کہ میں ہونے اور نہ ہونے کے بیچ میں کہیں لٹکا ہُوں۔ لوہے کے پلنگ پر لیٹے لیٹے یوں بھی میرا جسم بالکل شل ہو گیا تھا۔ دماغ ویسے ہی منجمد تھا جیسے یہ کبھی تھا ہی نہیں۔ میں کیا عرض کروں، میری کیا حالت تھی۔ دس دن اس ہیبت ناک خلا میں رہنے کے بعد میرے جسم کی علالت دُور ہو گئی۔ دس کا عمل تھا۔ دھوپ سامنے کارخانے کی بُلند چمنی سے پہلو بچاتی کمرے کے فرش پر لیٹ رہی تھی۔ میں لوہے کے پلنگ پر سے اُٹھا تھکے ہُوئے جسم میں انگڑائی سے حرکت پیدا کرنے کی کوشش کے بعد جب میں نے کمرے میں نگاہ دوڑائی تو میری حیرت کی کوئی انتہا نہ ر ہی۔ کمرہ وہ نہیں تھا جو پہلے ہوا کرتا تھا۔ میں نے غور سے دیکھا۔ دائیں ہاتھ کونے میں ڈریسنگ ٹیبل تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسا میز ہمارے کمرے میں ہُوا کرتا تھا مگر اس کا پالش اتنا چمکیلا کبھی نہیں تھا اور بناوٹ کے اعتبار سے بھی اس میں اتنی خوبیاں میں نے کبھی نہیں دیکھی تھیں۔ کمرے کے وسط میں جو بڑا میز پڑا رہتا تھا وہ بھی مجھے نامانوس معلوم ہوا۔ اس کا بالائی ہشت پہلو تختہ چمک رہا تھا۔ دیوار پر پانچ چھ تصویریں آویزاں تھیں جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھیں۔ ان میں سے ایک تصویر میری نگاہ میں جم گئی۔ میں بڑھا اور اس کو قریب سے دیکھا۔ جدید فوٹو گرافی کا بہت عمدہ نمونہ تھا۔ ہلکے بُھوسلے رنگ کے کاغذ پر ایک جواں سال لڑکی کی تصویر چھپی ہوئی تھی۔ بال کٹے ہُوئے تھے اور کانوں پرسے اِدھر کواُڑ رہے تھے، سینہ سامنے سے ناف کے ننھے سے دباؤ تک ننگا۔ اس نرم و نازک عریانی کو اس کی گوری باہیں جو اسکے چہرے تک اُٹھی ہُوئی تھیں، چھپانے کی دلچسپ کوشش کررہی تھیں۔ پتلی پتلی لمبے لمبے ناخنوں والی انگلیوں میں سے چہرے کی حیا چھن چھن کر باہر آرہی تھی۔ کہنیوں نے ننھے سے پیٹ کے اختتامی خط پر آپس میں جڑ کر ایک دل کش تکون بنا دی تھی جس میں سے ناف کا گدگدا گڑھا جھانک رہا تھا۔ اگر اس چھوٹے سے گڑھے میں ڈنڈی گاڑ دی جاتی تو اس کا پیٹ سیب کا بالائی حصّہ بن جاتا۔ میں دیر تک اس نیم عُریاں و نیم مستور شباب کو دیکھتا رہا۔ مجھے حیرت تھی کہ یہ تصویر کہاں سے آگئی۔ اسی حیرت میں غرق میں غسل خانہ کی طرف بڑھا۔ کمرے کے چوتھے کونے میں نل کے نیچے فرش میں سل لگی ہُوئی ہے۔ اس کے ایک طرف چھوٹی سی منڈیر بنا دی گئی ہے۔ یہ جگہ جہاں جست کی ایک بالٹی، صابن دانی، دانتوں کے دو برش۔ داڑھی مونڈنے کے دو استرے، صابن لگانے کی دو کُوچیاں، منجن کی بوتل اور پانچ چھ استعمال شدہ اور زنگ آلود بلیڈ پڑے رہتے ہیں۔ ہمارا غسل خانہ ہے۔ نذیر صاحب جن کا یہ کمرہ ہے، علی الصبح بیدار ہونے کے عادی ہیں۔ چنانچہ داڑھی مونڈ کروہ فوراً ہی غسل سے فارغ ہو جاتے ہیں۔ میں سویا رہتا ہُوں اور وہ مزے سے ننگے نہاتے رہتے ہیں۔ اس غسل خانے کی طرف جاتے ہُوئے میں نے ایک بار پھر تمام چیزوں پر نگاہ دوڑائی۔ اب مجھے وہ کسی قدر مانوس معلوم ہُوئیں۔ منڈیر پر میرا اُسترا اور گھسا ہُوا بُرش اسی طرح پڑا تھا جس طرح میں روز دیکھا کرتا تھا، بالٹی بھی بلاشک و شبہ وہی تھی جو ہر روز نگاہوں کے سامنے آتی تھیں۔ اس میں ڈونگا بھی وہی تھا جس میں جا بجا گڑھوں میں میل جما رہتا تھا۔ منڈیر پر بیٹھ کر جب میں نے برش سے دانت گھسنے شروع کیے تو میں نے سوچا کمرہ وہی ہے جس میں ایک سو بیس راتیں میں گزار چکا ہوں۔ راتیں، میں نے غور کیا۔ معاملہ صاف ہو گیا۔ کمرے اور اس کی اشیا کے نامانوس ہونے کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ میں نے اُس میں صرف ایک سو بیس راتیں ہی گزاری تھیں۔ صبح سات یا آٹھ بجے جلدی جلدی کپڑے بدل کر جو میں ایک دفعہ باہر نکل جاتا تو پھر رات کو گیارہ بارہ بجے کے قریب ہی لوٹنا ہوتا تھا۔ اس صورت میں یہ کیوں کر ممکن تھا کہ مجھے کمرے کی ساخت اور اُس میں پڑی ہُوئی چیزوں کو دیکھنے کا موقع ملتا اور پھر نہ کمرہ میرا ہے اور نہ اس کی کوئی چیز میری ملکیت ہے اور یہ بھی تو سچی بات ہے کہ بڑے شہر انسانیت کے مرقد و مدفن ہوتے ہیں۔ میں جس ماحول میں چار مہینے سے زندگی بسر کررہا ہوں، اس قدر یکساں اور یک آہنگ ہے کہ طبیعت بارہا اُکتا گئی ہے جی چاہا ہے کہ یہ شہر چھوڑ کر کسی ویرانے میں چلا جاؤں۔ صبح جلدی جلدی نہانا۔ پھر عجلت میں کپڑے پہن کر دفتر میں کاغذ کالے کرتے رہنا، وہاں سے شام کو فارغ ہوکر ایک اور دفتر میں چھ سات گھنٹے اسی اُکتا دینے والے کام میں مصروف رہنا اور رات کے گیارہ بارہ بجے اندھیر ہی میں کپڑے اُتار کر سلیم کے دیئے ہُوئے آہنی پلنگ پر سونے کی کوشش کرنا۔ کیا یہ زندگی ہے؟ زندگی کیا ہے؟۔ یہ بھی میری سمجھ میں نہیں آتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ اُونی جُراب ہے جس کے دھاگے کا ایک سرا ہمارے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ ہم اس جُراب کو ادھیڑتے رہتے ہیں جب ادھیڑتے ادھیڑتے دھاگے کا دوسرا سرا ہمارے ہاتھ میں آجائے گا تو یہ طلسم جسے زندگی کہا جاتا ہے ٹوٹ جائے گا۔ جب زندگی کے لمحات کٹتے محسوس ہُوں اور حافظے کی تختی پر کچھ نقش چھوڑ جائیں تو اس کایہ مطلب ہے کہ آدمی زندہ ہے اور اگر مہینوں گزر جائیں اور یہ محسوس تک نہ ہو کہ مہینے گزر گئے ہیں تو اس کا یہ مطلب ہے کہ انسان کی حسیات مُردہ ہو گئی ہیں۔ زندگی کی کتاب میں اگر اوپر تلے خالی اوراق ہی شامل ہوتے چلے جائیں تو کتنا دکھ ہوتا ہے۔ دوسروں کو بھی اس کا احساس ہوتا ہے یا کہ نہیں، اس کی بابت میں کچھ نہیں کہہ سکتا، لیکن میں تو اس معاملے میں بہت حساس ہوں۔ زندگی کی یہ خالی کاپی جو ہمارے ہاتھ میں تھمائی گئی ہے، آخر اسی لیے تو ہے کہ اس کے ہر ورق کو ہم استعمال کریں، اس پر کچھ لکھیں۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ مجھے کوئی ایسی بات ہی نہیں ملتی جس کے متعلق میں کچھ لکھوں۔ لے دے کے میری اس کاپی میں صرف دو تین ورق ایسے ہیں جن پر میں نقش و نگار بنے دیکھتا ہوں۔ یہ ورق مجھے کتنے عزیز ہیں۔ اگر آپ ان کو نوچ کر باہر نکال دیں تو میری زندگی ایک بیاباں بن جائے گی۔ آپ یقین کیجیے، میری زندگی واقعی چٹیل میدان کی طرح ہے جس میں اُن بیتے ہُوئے دنوں کی یاد ایک خوبصورت قبر کی طرح لیٹی ہُوئی ہے۔ چونکہ میں نہیں چاہتا کہ اچھے دنوں کی یہ سہانی یاد مٹ جائے اس لیے میں اس قبر پر ہروقت مٹی کا لیپ کرتا رہتا ہُوں۔ میرے سامنے دیوار پر ایک پرانا کلنڈر لٹک رہا ہے جس کے میلے کاغذ پر چیڑ کے لانبے لانبے درختوں کی تصویر چھپی ہے میں اسے ایک عرصے سے ٹکٹکی باندھے دیکھ رہا ہوں۔ اسکے پیچھے، دور، بہت دور مجھے اپنی زندگی کے اس کھوئے ہوئے ٹکڑے کی جھلک نظر آرہی ہے۔ میں ایک پہاڑی کے دامن میں چیڑوں کی چھاؤں میں بیٹھا ہوں۔ بیگو بڑے بھولے پن سے گھٹنے ٹیک کر اپنا سر میرے قریب لاتی ہے اور کہتی ہے۔

’’آپ مانتے ہی نہیں۔ سچ، میں بوڑھی ہو گئی ہوں۔ اب بھی یقین نہ آئیگا۔ یہ لیجیے میرے سر میں سفید بال دیکھ لیجیے۔ ‘‘

چودہ برس کی دیہاتی فضا میں پلی ہوئی جوان لڑکی مجھ سے کہہ رہی تھی کہ میں بوڑھی ہو گئی ہوں۔ معلوم نہیں وہ کیوں اس بات پر زور دینا چاہتی تھی۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی مرتبہ مجھ سے یہی بات کہہ چکی تھی۔ میرا خیال ہے کہ جو ان آدمیوں کو شباب کے دائرے سے نکل کر بڑہاپے کے دائرے میں داخل ہونے کی بڑی خواہش ہوتی ہے۔ یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ میرے دل میں بھی اس قسم کی خواہش کئی بار پیدا ہو چکی ہے۔ میں نے متعدد بار سوچا ہے کہ میری کنپٹیوں پر اگر سفید سفید بال نمودار ہو جائیں تو چہرے کی متانت اور سنجیدگی میں اضافہ ہو جائے گا۔ کنپٹیوں پر اگر بال سفید ہو جائیں تو چاندی کے مہین مہین تاروں کی طرح چمکتے ہیں اور دوسرے سیاہ بالوں کے درمیان بہت بھلے دکھائی دیتے ہیں، ممکن ہے بیگو کو یہی چاؤ ہو کہ اس کے بال سفید ہو جائیں اور وہ اپنی کم عمری کے باوجود بڈھی دکھائی دے۔ میں نے اُس کے خشک مگر نرم بالوں میں انگلیوں سے کنگھی کرنا شروع کی اور کہا۔

’’تم کبھی بوڑھی نہیں ہوسکتیں۔ ‘‘

اس نے سر اٹھا کر مجھ سے پوچھا۔

’’کیوں؟۔ میں کیوں بوڑھی نہیں ہوسکتی۔ ‘‘

’’اس لیے کہ تم میں آس پاس کے درختوں، پہاڑوں اور ان میں بہتے ہوئے نالوں کی ساری جوانی جذب ہو گئی ہے۔ ‘‘

وہ قریب سے قریب سرک آئی اور کہنے لگی۔

’’جانے آپ کیا اوٹ پٹانگ باتیں کرتے ہیں۔ بھئی میری سمجھ میں تو کچھ بھی نہیں آیا۔ درختوں اور پہاڑوں کی بھی کبھی جوانی ہوتی ہے۔ ‘‘

’’تمہاری سمجھ میں آئے نہ آئے پر میں نے جو کچھ کہنا تھا کہہ دیا۔ ‘‘

’’بہت اچھا کیا آپ نے۔ پر آپ میرے بالوں میں اِس اِس طرح کرتے رہیں۔ ‘‘

بیگو نے اپنے ہاتھ سے سر کو کھجلاتے ہوئے کہا۔

’’مجھے بڑا مزہ آتا ہے۔ ‘‘

’’بہت اچھا جناب۔ ‘‘

کہہ میں نے انگلیوں سے اس کے بالوں میں کنگھی کرنا شروع کردی اور آنکھیں بند کرلیں۔ اس کو تو مزا آ ہی رہا تھا، مجھے خود مزا آنے لگا۔ میں یہ محسوس کرنے لگا کہ اس کے بال میرے اُلجھے ہوئے خیال ہیں جن کو میں اپنے ذہن کی انگلیوں سے ٹٹول رہا ہوں۔ دیر تک میں اس کے بالوں میں انگلیاں پھیرتا رہا۔ وہ خاموشی سے سر جھکائے مزا لیتی رہی۔ پھر اس نے اپنی خمار آلود نگاہیں میری طرف اٹھائیں اور نیند میں بھیگی ہوئی آواز میں کہا۔

’’میں اگر سو گئی تو؟‘‘

’’میں جاگتا رہوں گا۔ ‘‘

نیم خوابیدہ مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر پیدا ہوئی اور وہ زمین پر وہیں میرے سامنے لیٹ گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد نیند نے اس کو اپنی آغوش میں لے لیا۔ بیگو سو رہی تھی مگر اس کی جوانی جاگ رہی تھی۔ جس طرح سمندر کی پُر سکون سطح کے نیچے گرم لہریں دوڑتی رہتی ہیں، اس طرح اس کے محوِ خواب جسم کی رگوں میں اس کی گرم گرم جوانی دوڑ رہی تھی۔ بائیں بازو کو سر کے نیچے رکھے اور ٹانگوں کو اکٹھا کیے وہ سو رہی تھی۔ اسکا ایک بازو میری جانب سرکا ہوا تھا۔ میں اس کی پتلی انگلیوں کی مخروطی تراش دیکھ رہا تھا کہ ان میں خفیف سی کپکپاہٹ پیدا ہوئی جیسے مٹر کی پھلیاں ارتعاش پذیر ہو جائیں۔ یہ ارتعاش اس کی انگلیوں سے شروع ہوا اور اس کے سارے جسم پر پھیل گیا۔ جس طرح تالاب میں پھینکی ہوئی کنکری اس کی آبی سطح پر چھوٹا سا بھنور پیدا کرتی ہے اور یہ بھنور د ائرے بناتا ہوا پھیلتا جاتا ہے، اسی طرح وہ کپکپاہٹ اس کی انگلیوں سے شروع ہوکر اس کے سارے جسم پر پھیل گئی۔ نہ جانے اس کی جوانی کیسے ارتعاش پیدا کرنیوالے خواب دیکھ رہی تھی۔ اس کے نچلے ہونٹ کے کونوں میں خفیف سی تھرتھراہٹ کتنی بھلی معلوم ہوتی تھی۔ اس کے سینے کے ابھار میں دل کی دھڑکنیں زندگی پیدا کررہی تھیں۔ گریبان کے نچلے دو بٹن کھلے تھے، اس طرح جسم سے تھوڑی سی نقاب اُٹھ گئی تھی اور دو نہایت ہی پیاری قوسیں باہر جھانک رہی تھیں۔ سینے کی ننھی سی وادی میں دونوں طرف کے اُبھار بڑی خوبصورتی سے آپس میں گھل مل گئے تھے۔ میری نگاہ اس کے سینے پر کُرتے کی ایک طرف بنی ہوئی جیب پر رک گئی۔ اس میں خدا معلوم کیا کیا کچھ بیگو نے ٹھونس رکھا تھا کہ وہ ایک گیند سی بن گئی تھی۔ میرے دل میں دفعتاً یہ معلوم کرنے کا اشتیاق پیدا ہوا کہ اس میں کیا کیا چیزیں ہیں۔ آہستہ سے اس کی جیب کی تلاشی لینے کا ارادہ جب میں نے کیا تو وہ جاگ پڑی۔ سیدھی لیٹ کر اس نے دھیرے دھیرے اپنی آنکھیں کھولیں۔ لمبی لمبی پلکیں جو آپس میں ملی ہوئی تھیں تھرتھرائیں۔ اس نے نیم باز آنکھوں سے میری طرف دیکھا، پھر اس کے ہونٹوں پر ہلکے سے تبسم نے انگڑائی لی اور کہا، آپ بڑے وہ ہیں؟‘‘

’’کیوں؟۔ میں نے کیا کیا ہے؟‘‘

وہ اُٹھ بیٹھی۔

’’ابھی آپ نے کچھ کیا ہی نہیں میں سچ مچ سو گئی اور آپ نے مجھے جگانے تک کی تکلیف نہ کی۔ میں اگر ایسے ہی شام تک سوئی رہتی تو۔ ؟‘‘

اس نے آنکھوں کی پتلیاں نچائیں اور دفعتاً کچھ یاد کرکے کہا۔

’’ہائے میرے اللہ۔ میں اپنی جان ہیر کو بھول ہی گئی۔ ‘‘

سامنے پہاڑی پر اگی ہوئی سبز جھاڑیوں کی طرف جب اس نے دیکھا تو اطمینان کا سانس لے کر کہنے لگی۔

’’کتنی اچھی ہے میری ہیر۔ ‘‘

اس کو اپنی بھینس کی فکر تھی جو ہمارے سامنے پہاڑی پر گھاس چر رہی تھی۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’تمہاری ہیر تو موجود ہے پر رانجھا کہاں ہے؟‘‘

’’رانجھا؟‘‘

اُس کے لب مسکراہٹ کے ساتھ کھلے۔ آنکھوں ہی آنکھوں میں اس نے مجھے کچھ بتانے کی کوشش کی اور پھر کِھل کھلا کر ہنس پڑی

’’رانجھا۔ رانجھا۔ رانجھا۔ ‘‘

اس نے یہ لفظ کئی مرتبہ دہرایا۔ میری ہیر کا رانجھا۔ مجھے کیا معلوم نگوڑا کہاں ہے؟‘‘

میں نے کہا۔

’’تمہاری ہیر کا کوئی نہ کوئی رانجھا تو ضرور ہو گا۔ مجھ سے چھپانا چاہتی ہو تو یہ الگ بات ہے۔ ‘‘

’’اس میں چھپانے کی بات ہی کیا ہے۔ ‘‘

بیگو نے آنکھیں مٹکا کر کہا۔

’’اور اگر کوئی ہے تو ہیر کو معلوم ہو گا۔ جاکے اس سے پوچھ لیجیے۔ پر کان میں کہیے گا، آہستہ سے کہیے گا، بتاؤ تو تمہارا رانجھا کہاں ہے؟‘‘

’’میں نے پوچھ لیا۔ ‘‘

’’کیا جواب ملا؟‘‘

’’بولی، بیگو سے پوچھو، وہی سب کچھ جانتی ہے۔ ‘‘

’’جھوٹ۔ جھوٹ۔ اس کا اوّل جھوٹ اس کا آخر جھوٹ۔ ‘‘

بیگو بچوں کی طرح اُچھل اُچھل کر کہنے لگی۔ ‘‘

میری ہیر تو بڑی شرمیلی ہے۔ ایسے سوالوں کا وہ کبھی جواب دے ہی نہیں سکتی۔ آپ جھوٹ بولتے ہیں۔ اس نے تو آپ کو غضے میں یہ کہا تھا، چلو ہٹو، کنواریوں سے ایسی باتیں کرتے تمہیں شرم نہیں آتی۔ ‘‘

’’یہی کہا تھا اور اس کا جواب اس کو یوں ملا تھا، یہ تمہارا اتنا بڑا بچھڑا کہاں سے آگیا ہے۔ کیا آسمان سے ٹپک پڑاتھاأ بیگو یہ بچھرے والی دلیل سن کر لاجواب ہو گئی۔ مگر وہ چونکہ لاجواب ہونا نہیں چاہتی تھی اس لیے اس نے بیکار چلانا شروع کردیا۔

’’جی ہاں آسمان ہی سے ٹپکا تھا اور سب چیزیں آسمان ہی سے تو آتی ہیں۔ نہیں، میں بھولی۔ اس بچھڑے کو تو میری ہیر نے گود لیا ہے۔ یہ اس کا بچہ نہیں کسی اور کا ہے۔ اب بتائیے آپ کے پاس کیا جواب ہے؟‘‘

میں نے ہار مان لی اس لیے کہ میری نگاہیں پھر اس کی اُبھری ہوئی جیب پر پڑیں جس میں خدا معلوم کیا کیا کچھ ٹھسا ہوا تھا۔

’’میں ہار گیا۔ آپ کی ہیر کنواری ہے، دنیا کی سب بھینسیں اور گائیں کنواریاں ہیں۔ میں کنوارا ہوں۔ آپ کنواری ہیں۔ لیکن یہ بتائیے کہ آپ کی اس کنواری جیب کو کیا ہو گیا ہے؟‘‘

اس نے اپنی پھولی ہوئی جیب دیکھی تو دانتوں میں انگلی دبا کر میری طرف ملامت بھری نظروں سے دیکھ کر کہا۔

’’آپ کو شرم نہیں آتی۔ کیا ہوا ہے میری جیب کو۔ میری چیزیں پڑی ہیں اس میں۔ ‘‘

’’چیزیں۔ اس سے تمہارا مطلب؟‘‘

’’آپ تو بال کی کھال نکالتے ہیں۔ چیزیں پڑی ہیں میرے کام کی اور کیا میں نے پتھر ڈال رکھے ہیں۔ ‘‘

’’تو جیب میں تمہارے کام کی چیزیں پڑی ہیں۔ میں پوچھ سکتا ہوں یہ کام کی چیزیں کیا ہیں؟‘‘

’’آپ ہرگز نہیں پوچھ سکتے۔ اور اگر آپ پوچھیں بھی تو میں نہیں بتاؤں گی اس واسطے کہ آپ نے مجھے اپنے چمڑے کے تھیلے کی چیزیں کب دکھائی ہیں۔ مگر اگر آپ سے کہوں بھی تو آپ کبھی نہ دکھائیں گے۔ ‘‘

’’میں ایک ایک چیز دکھانے کے لیے تیار ہوں۔ یہ رہا تھیلا۔ ‘‘

میں نے اپنا چرمی تھیلا اس کے سامنے رکھ دیا۔

’’خود کھول کر دیکھ لو پر یاد رہے مجھے اپنی جیب کی سب چیزیں تمہیں دکھانا پڑیں گی۔ ‘‘

’’پہلے میں اس ٰتھیلے کی تلاشی تو لے لوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے میرا تھیلا کھولا اور اس کی سب چیزیں ایک ایک کرکے باہر نکالنا شروع کیں۔ انگریزی کا ایک ناول، کاغذوں کا پیڈ، دو پنسلیں، ایک ربڑ، دس بارہ لفافے، آٹھ ایک ایک آنے والے اسٹامپ۔ دس بارہ خالی لفافے اور لکھے ہوئے کاغذوں کا ایک پلندہ۔ یہ میری

’’چیزیں‘‘

تھیں۔ ‘‘

جب وہ ایک ایک چیز اچھی طرح دیکھ چکی تو میں نے اس سے کہا۔

’’اب اپنی جیب کا منہ ادھر کردو۔ ‘‘

اس نے میری بات کا جواب نہ دیا۔ تھیلے میں تمام چیزیں رکھنے کے بعد اس نے مجھ سے تحکمانہ لہجہ میں کہا۔

’’اب اپنی جیب دکھائیے۔ ‘‘

میں نے اپنی جیب کا منہ کھول دیا۔ اور اس نے ہاتھ ڈال کر اس میں جو کچھ بھی تھا باہر نکال لیا، ایک بٹوہ اور چابیوں کا گُچھا تھا، جس میں چھوٹا سا چاقو بھی شامل تھا۔ یہ چاقو گُچھے میں سے نکال کر اس نے ایک طرف زمین پر رکھ دیا اور باقی چیزیں مجھے واپس دے دیں۔

’’یہ چاقو میں نے لے لیا ہے۔ کھیرے کاٹنے کے کام آئے گا۔ ‘‘

’’لے لو پر مجھے ٹالنے کی کوشش نہ کرو۔ میں جب تک تمہاری جیب کی ایک ایک چیز نہ دیکھ لوں چھوڑوں گا نہیں۔ ‘‘

’’اگر میں نہ دکھاؤں تو؟‘‘

’’لڑائی ہو جائے گی۔ ‘‘

’’ہو جائے۔ میں ڈر تھوڑی جاؤں گی۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ فوراً ہی اپنے دوپٹے کا تنبو بنا کر اس میں چھپ گئی اور جیب میں سے کچھ نکالنے لگی۔ اس پر میں نے رعب دار آواز کہا۔

’’دیکھو، یہ بات ٹھیک نہیں، تم کچھ چھپا رہی ہو۔ ‘‘

’’آپ مان لیجیے، میں سب کچھ دکھا دوں گی۔ اللہ کی قسم سب چیزیں ایک ایک کرکے دکھا دوں گی۔ یہ تو میں اپنے من سمجھوتے کے لیے کچھ کررہی ہوں۔ ‘‘

میں نے پھر رعب دار آواز میں کہا۔

’’کیا کررہی ہو۔ میں تمہاری سب چالاکیاں سمجھتا ہوں۔ سیدھے من سے تمام چیزیں دکھا دو ورنہ میں زبردستی سب کچھ دیکھ لوں گا۔ ‘‘

تھوڑی دیر کے بعد وہ دوپٹے سے باہر نکل آئی اور آگے بڑھ کر کہنے لگی۔

’’دیکھ لیجیے!‘‘

میں اس کی جیب میں ہاتھ ڈالنے ہی والا تھا کہ اس کے تنے ہوئے سینے کو دیکھ کر رک گیا۔

’’تم خود ہی ایک ایک چیز نکال کر مجھے دکھاتی جاؤ۔ لو اتنا لحاظ میں تمہارا کیے دیتا ہوں۔ یوں تمہاری ایمانداری بھی معلوم ہو جائے گی۔ ‘‘

’’نہیں، آپ خود نکالتے جائیے، بعد میں آپ کہیں گے میں نے سب چیزیں نہیں دکھائیں۔ ‘‘

’’میں دیکھ جو رہا ہوں۔ تم نکالتی جاؤ۔ ‘‘

’’جیسے آپ کی مرضی‘‘

یہ کر اس نے آہستہ سے اپنی جیب میں دو انگلیاں ڈالیں اور سرخ رنگ کے ریشمین کپڑے کا ایک ٹکڑا باہر نکالا۔ اس پر میں نے پوچھا۔

’’کپڑے کا یہ بیکار سا ٹکڑا تم ساتھ ساتھ کیوں لیے پھرتی ہو؟‘‘

’’اجی آپ کو کیا معلوم، یہ بہت بڑھیا کپڑا ہے۔ میں اس کا رومال بناؤنگی۔ جب بن جائے گا تو پھر آپ دیکھیے گا۔ جی ہاں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے کپڑے کا ٹکڑا اپنی جھولی میں رکھ دیا۔ پھر جیب سے کچھ نکالا اور بند مٹھی میرے بہت قریب لا کر کھول دی۔ سلولائڈ کے تین مستعمل کلپ، ایک چابی اور سیپ کے دو بٹن اس کی ہتھیلی پر مجھے نظر آئے۔ میں اس سے کہا۔

’’یہ اپنی جھولی میں رکھ لو اور باقی چیزیں جلدی جلدی نکالو۔ ‘‘

اس نے جیب میں جلدی جلدی ہاتھ ڈال کر باری باری یہ چیزیں باہر نکالیں۔ سفید دھاگے کی گولی اس میں پھنسی ہوئی زنگ آلود سوئی، لکڑی کی میلی کچیلی کنگھی، چھوٹا سا ٹوٹا ہوا آئینہ اور ایک پیسہ۔ میں نے اُس سے پوچھا۔

’’کوئی اور چیز باقی تو نہیں رہی؟‘‘

’’جی نہیں۔ ‘‘

اس نے اپنے سر کو جنبش دی، میں نے سب چیزیں آپکے سامنے رکھ دی ہیں۔ اب کوئی باقی نہیں رہی۔

’’غلط‘‘

میں نے اپنا لہجہ بدل کر کہا۔

’’تم جھوٹ بولتی ہو اور جھوٹ بھی ایسا بولتی ہو جو بالکل کچا ہو، ابھی ایک چیز باقی ہے۔ ‘‘

جونہی یہ لفظ میرے منہ سے نکلے، غیر ارادی طور پر اس کی نگاہیں یک لخت اپنے دوپٹے کی طرف مڑیں۔ میں نے تاڑ لیا کہ اس نے کچھ چھپا رکھا ہے۔

’’بیگو، سیدھے من سے مجھے یہ چیز دکھا دو جو تم نے چھپائی ہے، ورنہ یاد رکھو وہ تنگ کروں گا کہ عمر بھریاد رکھو گی۔ گُدگُدی ایسی چیز ہے کہ۔ ‘‘

گُدگُدی کے تصور ہی نے اس کے جسم کو اکٹھا کردیا۔ وہ سکڑ سی گئی۔ اس پر میں نے ہوا میں اپنے ہاتھوں کی انگلیاں نچائیں۔

’’یہ انگلیاں ایسی گدگدی کرسکتی ہیں کہ جناب کو پہروں ہوش نہ آئے گا۔ ‘‘

وہ کچھ اس طرح سمٹی جیسے کسی نے بُلندی سے ریشمی کپڑے کا تھان کھول کر نیچے پھینک دیا ہے۔

’’نہیں، نہیں۔ خدا کے لیے کہیں ایسا کر بھی نہ دیجیے گا۔ میں مر جاؤں گی۔ ‘‘

جب میں سچ مچ اپنے ہاتھ اس کے کندھوں تک لے گیا تو وہ بے تحاشا چیختی، ہنستی اور سمٹتی سمٹاتی اُٹھی اور بھاگ گئی۔ دوپٹے میں سے کوئی چیز گری جو میں نے دوڑ کر اٹھالی۔ مِصری کی ایک ڈلی تھی جو وہ مجھ سے چھپا رہی تھی۔ جانے کیوں؟

سعادت حسن منٹو

مسٹر معین الدین

منہ سے کبھی جدا نہ ہونے والا سگار ایش ٹرے میں پڑا ہلکا ہلکا دھواں دے رہا تھا۔ پاس ہی مسٹر معین الدین آرام کرسی پر بیٹھے ایک ہاتھ اپنے چوڑے ماتھے پر رکھے کچھ سوچ رہے تھے، حالانکہ وہ اس کے عادی نہیں تھے۔ آمدن معقول تھی۔ کراچی شہر میں ان کی موٹروں کی دکان سب سے بڑی تھی۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کے اونچے حلقوں میں ان کا بڑا نام تھا۔ کئی کلبوں کے ممبر تھے۔ بڑی بڑی پارٹیوں میں ان کی شرکت ضروری سمجھی جاتی تھی۔ صاحب اولاد تھے۔ لڑکا انگلستان میں تعلیم حاصل کررہا تھا۔ لڑکی بہت کمسن تھی، لیکن بڑی ذہین اور خوب صورت۔ وہ اس طرف سے بھی بالکل مطمئن تھے۔ لیکن اپنی بیوی کو۔ مگر مناسب معلوم ہوتا ہے کہ پہلے مسٹر معین الدین کی شادی کے متعلق چند باتیں بتا دی جائیں۔ مسٹر معین الدین کے والد بمبئی میں ریشم کے بہت بڑے بیوپاری تھے۔ یوں تو وہ رہنے والے لاہور کے تھے مگر کاروباری سلسلے کے باعث بمبئی ہی میں مقیم ہو گئے تھے اور یہی ان کا وطن بن گیا تھا۔ معین الدین جو ان کا اکلوتا بیٹا تھا، بظاہر عاشق مزاج نہیں تھا لیکن معلوم نہیں وہ کیسے اور کیونکر آدم جی باٹلی والی کی موٹی موٹی غلافی آنکھوں والی لڑکی پر فریفتہ ہو گیا۔ لڑکی کا نام زہرہ تھا، معین سے محبت کرتی تھی، مگر شادی میں کئی مشکلات حائل تھیں۔ آدم جی باٹلی والا جو معین کے والد کا پڑوسی اور دوست بھی تھا، بڑے پرانے خیالات کا بوہرہ تھا۔ وہ اپنی لڑکی کی شادی اپنے ہی فرقے میں کرنا چاہتا تھا۔ چنانچہ زہرہ اور معین کا معاشقہ بہت دیر تک بے نتیجہ چلتا رہا۔ اس دوران میں معین الدین کے والد کا انتقال ہو گیا۔ ماں بہت پہلے مر چکی تھی۔ اب کاروبار کا سارا بوجھ معین کے کندھوں پر آن پڑا، جس سے ان کو کوئی رغبت نہیں تھی۔ ادھر زہرہ کی محبت بھی تھی جو کسی حیلے باآور ثابت ہوتی نظر نہیں آتی تھی۔ پھر ہندو مسلم فسادات تھے۔ معین ایک عجیب گڑبڑ میں گرفتار ہو گیا تھا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ کیا کرے اور کیا نہ کرے۔ بے سوچے سمجھے ایک دن اس نے فیصلہ کیا کہ اپنا کاروبار سمیٹ کر اس کو کسی اچھے گاہک کے پاس بیچ ڈالے۔ چنانچہ اس نے ایسا ہی کیا اور اپنا سارا روپیہ کراچی کے بنک میں جمع کرادیا اور زہرہ سے مل کر اس نے اپنے ارادے کا اظہار کیا کہ وہ بمبئی چھوڑ کر کراچی جانا چاہتا ہے، مگر اکیلا نہیں، زہرہ اس کے ساتھ ہو گی۔ زہرہ فوراً مان گئی۔ ایک ہفتے کے بعد دونوں میاں بیوی بن کر کراچی کے ایک خوب صورت ہوٹل میں تھے۔ بمبئی میں زہرہ کے والدین پر کیا گزری۔ اس کا انھیں کچھ علم نہیں اور نہ انھیں اس کے متعلق کچھ معلومات حاصل کرنے کی خواہش تھی۔ دونوں اپنی محبت کی پیاس بجھانے میں مگن تھے۔ ان کو اس حادثے کی بھی خبر نہیں تھی کہ ہندوستان دو حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔ بہر حال جب لاکھوں انسانوں کا خون فرقہ وارانہ فسادات میں پانی کی طرح بہہ گیا اور کراچی میں پاکستان کے قیام کی خوشی میں چراغاں ہوا تو مسٹر معین اور مسز معین کو معلوم ہوا کہ وہ پاکستان میں ہیں۔ اور مسٹر آدم بھائی باٹلی والا اور مسز آدم بھائی باٹلی والا ہندوستان میں۔ وہ بہت خوش ہوئے کہ اب وہ محفوظ تھے۔ جب افراط و تفریط کا عالم کسی قدر کم ہوا تو مسٹر معین نے اپنے بمبئی کے کاروبار کے حوالے سے ایک بہت بڑی دکان اپنے نام الاٹ کرالی اور اس میں موٹروں کا کاروبارشروع کردیا جو چند برسوں میں چل نکلا۔ اس دوران میں ان کے یہاں دو بجے پیدا ہوئے۔ ایک لڑکا اور ایک لڑکی۔ لڑکا جب چار برس کا ہوا تو انھوں نے اس کو اپنے ایک دوست کے حوالے کردیا جوانگلستان جارہا تھا۔ مسٹر معین چاہتے تھے کہ اس کی تربیت وہیں ہو کیوں کہ کراچی کی فضا ان کے نزدیک بڑی گندی تھی۔ لڑکی جو اپنے بھائی سے ایک برس چھوٹی تھی، گھر ہی میں کھیلتی کودتی رہتی۔ اس کے لیے مسٹر معین نے ایک انگریز نرس مقرر کر رکھی تھی۔ اس بات پر زور دینے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوتی کہ مسٹر معین کو اپنی بیوی سے بے پناہ محبت تھی۔ طبعاً وہ کم گو اور شریف طبیعت تھے۔ وہ زہرہ سے جب اپنی محبت کا اظہار کرتے تو بڑے مدھم سروں میں۔ بڑے وضع دار قسم کے آدمی تھے۔ کلبوں میں جاتے، زہرہ ان کے ساتھ ہوتی مگر وہ دوسرے ممبروں کی طرح بے وجہ ہنسی قہقہوں میں کبھی شامل نہ ہوتے۔ وسکی کے دو پیگ آہستہ آہستہ پیتے جیسے کوئی قرض ادا کررہے ہیں۔ ناچ شروع ہوتا تو زہرہ کے ساتھ تھوڑی دیر ناچ کر گھر واپس چلے آتے جو انھوں نے ایک ہندو سے کراچی آنے کے بعد خرید لیا تھا۔ زہرہ کبھی کبھی اپنے خاوند کی اجازت سے دوسروں کے ساتھ بھی ناچ لیتی تھی۔ اس میں مسٹر معین کوئی مضائقہ نہیں سمجھتے تھے۔ مگر جب انھوں نے دیکھا کہ زہرہ ان کے ایک دوست مسٹر احسن سے جو ادھیڑ عمر کے بہت بڑے مالدار اور تاجر تھے، ضرورت سے زیادہ التفات برت رہی ہے تو ان کو بڑی الجھن ہوئی، مگر انھوں نے زہرہ پر اس کا اظہار کبھی نہ کیا۔ کیوں کہ وہ سوچتے تھے کہ احسن اور زہرہ میں عمر کا اتنا تفادت ہے۔ پھر وہ دو بچوں کی ماں ہے۔ یہ صرف رقابت کا جذبہ ہے جو ان کی اپنی محبت کی پیداوار ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور بات بھی تھی کہ سوسائٹی کے جن اونچے حلقوں میں ان کا اٹھنا بیٹھنا تھا، اس میں بیویوں سے غیر مردوں کے التفات کو بری نظروں سے نہیں دیکھا جاتا تھا بلکہ اسے فیشن سمجھا جاتا تھا کہ ایک کی بیوی کسی دوسرے آدمی کے ساتھ ناچے اور اس کی بیوی پہلے کے شوہر کے ساتھ، ایسی ادلا بدلی عام تھی۔ پہلے مسٹر احسن گاہے گاہے، جب کوئی پارٹی دی جائی تو، مسٹر معین کے ہاں آیا کرتے تھے مگر کچھ عرصے سے ان کا باقاعدہ آنا جانا شروع ہو گیا تھا۔ ان کی غیر موجودگی میں بھی وہ آجاتے اور گھنٹوں زہرہ کے پاس بیٹھے رہتے۔ یہ انھیں اپنے ملازموں سے معلوم ہوا تھا۔ لیکن اس کے باوجود انھوں نے زہرہ سے کچھ نہ کہا۔ دراصل ان کی زبان پر ایسے لفظ آتے ہی نہیں تھے جن سے وہ شکوک کا اظہار کریں۔ وہ مجبور تھے اس لیے کہ ان کی پرورش ہی ایسے ماحول میں ہوئی تھی، جہاں ایسے معاملوں میں لب کشائی معیوب خیال کی جاتی تھی۔ روشن خیالی کا تقاضا یہی تھا کہ وہ خاموش رہیں۔ یوں تو انھوں نے ایک بڑے معرکے کا عشق کیا تھا مگر دماغ ان کا تاجرانہ تھا۔ دل اور دماغ میں کوئی اتنا بڑا فاصلہ تو نہیں ہوتا مگر موٹروں کا کاروبار کرتے کرتے اور دولت کے انبار سمیٹتے سمیٹتے بہت سا چاندی سونا ان دونوں کے درمیان ڈھیر ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ جھگڑے ٹنٹوں سے انھیں نفرت تھی۔ وہ خاموش زندگی بسر کرنے کے قائل تھے جس میں کوئی ہنگامہ نہ ہو۔ لڑکی تھی، وہ اپنی انگریز نرس کے ساتھ کھیلتی رہتی تھی۔ جب ان کے دل میں اس کا پیارا ابھرتا تو وہ اسے اپنے پاس بلا کر کچھ عرصے کے لیے اپنی گود میں بٹھاتے اور انگریزی میں پیار کرکے اسے پھر نرس کے حوالے کردیتے۔ جب کاروبار سے فارغ ہو کر گھر آتے تو زہرہ کے ہونٹوں کا بوسہ لیتے اور ڈنر کھانے میں مشغول ہو جاتے۔ اگر مسٹر احسن ان سے پہلے وہاں موجود ہوتے تو وہ ان کو بھی ڈنر میں شامل کرالیتے۔ ایسے موقعوں پر، ضرورت بے ضرورت، زہرہ مسٹر احسن کی خاطر د اری کرتی۔ ان کی پلیٹ مختلف سالنوں سے بھر دیتی اور ان کو بڑے محبت بھرے انداز میں مجبور کرتی کہ وہ تکلف نہ کریں۔ جب وہ زہرہ کا یہ ناروا التفات دیکھتے تو ان کے دل اور دماغ کے درمیان سونے چاندی کے ڈھیر کچھ پگھل سے جاتے اور دونوں آپس میں سرگوشیاں کرنا شروع کردیتے۔ مسٹر احسن رنڈوے تھے۔ ان کی کوئی اولاد نہ تھی۔ کراچی میں موتیوں کے سب سے بڑے تاجر تھے۔ کروڑ پتی۔ ہر سال مسٹر معین سے موٹروں کے نئے ماڈل خریدتے تھے۔ زہرہ کی سالگرہ پر انھوں نے دو بڑے قیمتی ہار تحفے کے طور پر دیے تھے۔ جب مسٹر معین نے انھیں قبول کرنے سے اپنے مخصوص دھیمے انداز میں انکار کیا تھا تو مسٹر احسن نے کہا تھا۔

’’مجھے صدمہ ہو گا اگر یہ ہار مسز معین کے گلے کی زینت نہ بنے۔ ‘‘

یہ سن کر زہرہ نے دونوں ہار اٹھا کر مسٹر احسن کو دے دیے اور اس سے کہا

’’لیجیے آپ اپنے ہاتھوں سے پہنا دیجیے۔ ‘‘

جب ہار زہرہ کے گلے میں پہنا دیے گئے تو بوجہ مجبوری مسٹر معین کو اپنے دوست مسٹر احسن کی ہاں میں ہاں ملانا پڑی کہ بحیرہ عرب کے پانیوں میں سپیوں نے ان ہاروں کے موتی خاص طور پر زہرہ ہی کے لیے پیدا کیے تھے۔ ایش ٹرے میں رکھا ہوا سگار آہستہ آہستہ سلگ کر نصف کے قریب خاکستر اور سفید راکھ میں تبدیل ہوچکا تھا۔ پاس ہی آرام کرسی پر مسٹر معین اسی طرح اپنے چوڑے ماتھے پر ایک ہاتھ رکھے گہری سوچ میں غرق تھے۔ وہ اتنا کبھی تردو نہ کرتے مگر اب ان کی عزت کا سوال درپیش تھا۔ آج انھوں نے اپنے کانوں سے ایسا مکالمہ سنا تھا۔ ظاہر ہے کہ زہرہ اور احسن کے درمیان جس نے سکون پسند طبیعت کو درہم برہم کردیا تھا۔ چوڑے ماتھے پر ہاتھ رکھے وہ کسی گہری سوچ میں غرق تھا۔ ان کے کان بار بار وہ مکالمہ سن رہے تھے جو ان کی بیوی اور ان کے دوست کے درمیان بڑے کمرے میں ہوا تھا۔ دکان میں ایک موٹر کاسودا کرتے کرتے ان کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی، چنانچہ یہ کام منیجر کے حوالے کرکے وہ گھر روانہ ہو گئے تاکہ آرام کریں۔ کریپ سول شوز پہنے ہوئے تھے اس لیے کوئی آہٹ نہ ہوئی۔ دروازے کے پاس پہنچے تو انھیں زہرہ کی آواز سنائی دی۔

’’احسن صاحب!میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ میں ان سے طلاق حاصل کرلوں گی۔ ‘‘

احسن بولے۔

’’مگر کیسے۔ کیونکر؟‘‘

’’میں آپ سے کئی بار کہہ چکی ہوں کہ وہ میری کوئی بات نہیں ٹالیں گے۔ ‘‘

’’تعجب ہے!‘‘

’’اس میں تعجب کی کیا بات ہے۔ وہ مجھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انھوں نے آج تک میری ہر فرمائش پوری کی ہے۔ میں اگر ان سے کہوں کہ ان پانچ منزلوں سے نیچے کود جائیں تو وہ یقیناً کود جائیں گے۔ ‘‘

’’حیرت ہے۔ ‘‘

’’آپ کی حیرت دور ہو جائے گی جب میں کل ہی آپ کو طلاق نامہ دکھا دوں گی۔ ‘‘

یہ مکالمہ سن کر مسٹر معین اپنی ناسازی طبع کو بھول گئے اور الٹے پاؤں واپس دکان پر چلے گئے، جہاں ابھی تک موٹر کا سودا طے ہورہا تھا۔ مگر انھوں نے اس سے کوئی دلچسپی نہ لی اور اپنے دفتر میں چلے گئے۔ سگار سلگایا مگر ایک کش لینے کے بعد اسے ایش ٹرے میں رکھ دیا اور سر پکڑ کر آرام کرسی پر بیٹھ گئے۔ ظاہر ہے کہ زہرہ نے جو کچھ کہا، وہ مسٹر معین کی غیرت کے نام پر ایک زبردست چیلنج تھا۔ انھوں نے اپنے چوڑے ماتھے پرسے ہاتھ اٹھایا اور ایش ٹرے میں سگار کو بجھا کر ایک نیا سگار نکالا اور اسے سلگایا۔ آہستہ آہستہ وہ ہونٹوں میں اسے گھمانے لگے۔ پھر ایک دم اٹھے اور دکان سے باہر نکل کر موٹر میں سوار ہوئے اور گھر کا رخ کیا۔ ان کے دوست مسٹر احسن جا چکے تھے۔ زہرہ اپنے کمرے میں سنگار میز کے پاس بیٹھی میک اپ کرنے میں مشغول تھی۔ جب اس نے آئینے میں معین کا عکس دیکھا تو بڑے مڑے ہونٹوں پر لپ اسٹک ٹھیک کرتے ہوئے کہا۔

’’آپ آج جلدی آگئے۔ ‘‘

’’ہاں، طبیعت ٹھیک نہیں۔ ‘‘

صرف اتھا کہہ کر وہ بڑے کمرے میں جا کر صوفے پر دراز ہو گئے۔ سگار ان کے ہونٹوں میں بڑی تیزی سے گھومنے لگا۔ تھوڑی دیر کے بعد بنی ٹھنی زہرہ آئی۔ مسٹر معین نے اس کی طرف دیکھا اور دل ہی دل میں اس کے حسن کا اعتراف کیا۔ یہ اعتراف وہ متعدد مرتبہ اپنے دل میں کر چکے تھے۔ دراز قد، بہت موزوں و مناسب گدرایا ہوا جسم، بڑی بڑی غلافی آنکھیں، شربتی رنگ کی۔ اس پر ہر لباس سجتا تھا۔ بوہری لباس بھی جس سے معین کو سخت نفرت تھی۔ جب زہرہ پاس آئی اور اس نے ایک ادا کے ساتھ اپنے خاوند کا مزاج پوچھا تو وہ خاموش رہے۔ جب وہ اس کے پاس بیٹھ گئی تو معین صوفے پر سے اٹھے اور منہ سے سگار نکال کر بڑی سنجیدگی کے ساتھ اپنی بیوی سے مخاطب ہوا۔

’’زہرہ!کیا تم مجھ سے طلاق لینا چاہتی ہو؟‘‘

زہرہ ایک لحظے کے لیے بوکھلا سی گئی۔ مگر فوراً ہی سنبھل کر اس نے اپنے خاوند سے پوچھا۔

’’آپ کو کیسے معلوم ہوا؟‘‘

’’میں نے تمہاری اور احسن کی گفتگو سن لی تھی۔ ‘‘

معین کے لہجے میں غم و غصے کا شائبہ تک نہ تھا۔ زہرہ خاموش رہی۔ معین نے سگار کا ایک کش لیا اور کہا

’’میں تمہیں طلاق نہیں دوں گا۔ ‘‘

زہرہ اٹھ کھڑی ہوں۔

’’کیوں؟‘‘

معین نے کچھ سوچا۔

’’میں سوسائٹی میں اپنے نام اور اپنی عزت پر حرف آتا نہیں دیکھ سکتا۔ ‘‘

’’لیکن۔ ‘‘

زہرہ اٹک گئی۔

’’لیکن میں اس سے وعدہ کر چکی ہوں۔ ‘‘

’’تو کوئی دوسری راہ تلاش کرنی چاہیے۔ طلاق میں کبھی نہیں دوں گا۔ اس لیے کہ میری عزت کا سوال ہے۔ ویسے مجھے تمہارے وعدے کا پاس ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر انھوں نے سگار ایش ٹرے میں رکھ دیا۔ میاں بیوی تھوڑی دیر تک خاموش رہے۔ آخر زہرہ فکر مند لہجے میں بولی: ’دلیکن میں طلاق لیے بغیر اس سے شادی کیسے کرسکتی ہوں؟‘‘

’’کیا تم واقعی اس سے شادی کرنا چاہتی ہو؟‘‘

زہرہ نے اثبات میں سر ہلایا تو معین نے اس سے سوال کیا:

’’کیوں؟‘‘

زہرہ خاموش رہی۔ معین نے ایک اور سوال کیا

’’کیا اس لیے کہ تمہارے دل میں اب میری محبت نہیں ہے؟‘‘

’’میرے دل میں آپ کی محبت ویسی کی ویسی موجود ہے، اور اس کے لیے میں خدا کی قسم کھانے کو تیار ہوں۔ لیکن معلوم نہیں کیوں میرا جی چاہتا ہے کہ احسن کے ساتھ رہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر زہرہ صوفے پر بیٹھ گئی۔ معین نے اپنے منہ سے سگار نکالا اور کہا:

’’تم اس کے ساتھ رہ سکتی ہو۔ ‘‘

زہرہ چونک کر اٹھ کھڑی ہوئی۔

’’مگر ایک شرط پر‘‘

معین نے سگار ایش ٹرے میں بجھاتے ہوئے کہا

’’تم میرے پاس بھی رہا کرو گی۔ تاکہ لوگوں کو کسی قسم کا شبہ نہ ہو۔ ان کو ایسی باتیں بنانے کا موقع نہ ملے کہ معین چونکہ اپنی بیوی کی فرمائشیں پوری نہ کرسکا اس لیے اس نے طلاق لے کر ایک کروڑ پتی سے شادی کرلی، یا یہ کہ معین کی بیوی بدکردار تھی اس لیے اس نے طلاق دے دی۔ ‘‘

’’بدکردار تو میں ہوں۔ ‘‘

زہرہ نے اپنی موٹی موٹی غلافی آنکھیں ایک لحظے کے لیے جھکالیں۔ معین نے اسے دلاسا دیا۔

’’اس کا ثبوت صرف میرا اعتراف ہے جو میری زبان پر کبھی نہیں آئے گا۔ اس لیے کہ یہ میری اپنی عزت اور میرے ناموس پر حرف لانے کا موجب ہو گا۔ اس کے علاوہ مجھے تم سے محبت ہے۔ میں یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ تم ہمیشہ کے لیے مجھ سے جدا ہو جاؤ۔ ‘‘

یہ کہہ کر معین کو ایسا محسوس ہوا کہ اس کے سینے کا سارا بوجھ اتر گیا ہے۔ زہرہ نے احسن کو ساری بات بتا دی۔ وہ راضی ہو گیا۔ چنانچہ زہرہ اس کے پاس کئی کئی دن رہنے لگی۔ احسن زہرہ کے جسمانی خلوص اور اس کے خاوند کے بے مثال ایثار سے اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے تھوڑے ہی عرصے کے بعد وصیت لکھ کر اپنی تمام جائیداد کی وارث زہرہ قرار دی۔ زہرہ نے اس کا ذکر اپنے خاوند سے نہ کیا۔ اس کے وقار کو صدمہ پہنچتا۔ وہ اپنی لڑکی کو دیکھنے اور معین سے ملنے کے لیے اکثر آتی اور بعض اوقات چند راتیں بھی وہیں گزارتی۔ میاں بیوی کی یہ نئی زندگی بڑی ہموار گزرتی رہی کہ اچانک ایک دن مسٹر احسن حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کرگئے۔ نماز جنازہ میں سوسائٹی کی اونچی اونچی ہستیوں کی صف میں مسٹر معین بھی شریک تھے۔ انھوں نے اپنے مرحوم دوست کی مغفرت کے لیے صدق دل سے دعا کی اور گھر آکر مناسب و موزوں الفاظ میں دنیا کی بے ثباتی کا ذکر کرتے ہوئے زہرہ کو دلاسا دیا۔ زہرہ کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور وہ گن گن کر احسن کی صفات بیان کررہی تھی۔ آخر میں نے اس نے اپنے خاوند کو بتایا کہ وہ اپنی ساری جائیداد اس کے نام کر گیا ہے۔ یہ سن کر مسٹر معین خاموش رہے اور زہرہ سے اس بارے میں کوئی استفسار نہ کیا۔ عدالت کے ذریعے جب زہرہ کو مرحوم احسن کی ساری جائیداد کا قبضہ مل گیا اور وہ خوش خوش گھر آئی تو دیکھا کہ ایک مولوی قسم کا آدمی صوفے پر بیٹھا ہوا ہے۔ ہاتھ میں اس کے ایک کاغذ ہے۔ اسکو ایک نظر دیکھ کر وہ اپنے شوہر سے مخاطب ہوئی:

’’قبضہ مل گیا ہے۔ ‘‘

مسٹر معین نے کہا۔

’’بہت خوشی کی بات ہے۔ ‘‘

پھر انھوں نے مولوی صاحب کے ہاتھ سے کاغذ لیا اور زہرہ کی طرف بڑھا دیا۔

’’یہ لو!‘‘

زہرہ نے کاغذ لے کر پوچھا۔

’’یہ کیا ہے؟‘‘

مسٹر معین نے بڑے پرسکون لہجے میں جواب دیا۔

’’طلاق نامہ۔ ‘‘

زہرہ کے منہ سے ہلکی سی چیخ نکلی:

’’طلاق نامہ!‘‘

’’ہاں‘‘

یہ کہہ کر معین نے جیب میں ہاتھ ڈالا اور ایک چیک نکالا:

’’یہ تمہارا حق مہر ہے۔ بیس ہزار روپے۔ ‘‘

زہرہ اور زیادہ بھونچکی رہ گئی۔

’’مگر۔ یہ سب کیا ہے؟‘‘

’’یہ سب یہ ہے کہ مجھے اپنی عزت اور اپنا ناموس بہت پیارا ہے۔ جب میری جان پہچان کے حلقوں کو یہ معلوم ہو گا کہ احسن تمہارے لیے ساری جائیداد چھوڑ کر مرا ہے تو کیا کیا کہانیاں گھڑی جائیں گی۔

’’یہ کہہ کر وہ مولوی سے مخاطب ہوا:

’’آئیے قاضی صاحب!‘‘

قاضی اٹھا۔ جاتے ہوئے مسٹر معین نے پلٹ کر اپنی مطلقہ بیوی کی طرف دیکھا اور کہا:

’’یہ بلڈنگ بھی تمہاری ہے۔ رجسٹری کے کاغذات تمہیں پہنچ جائیں گے۔ اگر تم نے اجازت دی تو میں کبھی کبھی تمہارے پاس آیا کروں گا۔ خدا حافظ!‘‘

سعادت حسن منٹو

مسٹر حمیدہ

رشید نے پہلی مرتبہ اس کو بس اسٹینڈ پر دیکھا۔ جہاں وہ شیڈ کے نیچے کھڑی بس کا انتظار کر رہی تھی۔ رشید نے جب اسے دیکھا تو وہ ایک لحظے کے لیے حیرت میں گم ہو گیا۔ اس سے قبل اس نے کوئی ایسی لڑکی نہیں دیکھی تھی جس کے چہرے پر مردوں کی مانند داڑھی اور مونچھیں ہوں۔ پہلے رشید نے سوچا کہ شاید اس کی نگاہوں نے غلطی کی ہے۔ عورت کے چہرے پر بال کیسے اگ سکتے ہیں۔ پر جب اس نے غور سے دیکھا تو اس لڑکی نے باقاعدہ شیو کر رکھی تھی اور سر مئی غبار اس کے گالوں اور ہونٹوں پر موجود تھا۔ رشید نے سمجھا کہ شاید ہیجڑا ہو، مگر نہیں۔ وہ ہیجڑا نہیں تھی۔ اس لیے کہ اس میں ہیجڑوں کی سی مصنوعی نسوانیت کے کوئی آثار نہیں تھے۔ وہ مکمل عورت تھی۔ ناک نقشہ بہت اچھا تھا۔ کولہے چوڑے چکلے۔ کمر پتلی۔ سینہ جوانی سے بھرپور۔ بازو سڈول۔ غرضیکہ اس کے جسم کا ہر عضو اپنی جگہ پر نسوانیت کا عمدہ نمونہ تھا۔ ایک صرف اس کی داڑھی اور مونچھوں نے سب کچھ غارت کر دیا تھا۔ رشید سوچنے لگا۔ قدرت کی یہ کیا ستم ظریفی ہے کہ ایک اچھی بھلی نوجوان خوبصورت لڑکی کو بد نما بنا دیا۔ رشید کے دماغ میں کئی خیال اوپر تلے آئے اور وہ بوکھلا گیا۔ وہ سوچتا تھا

’’کیا اس لڑکی کی زندگی اجیرن ہو کے نہیں رہ گئی !‘‘

’’صبح اٹھ کر جب اسے استرا پکڑ کر شیو کرنا پڑتی ہو گی تو اسے کیا محسوس ہوتا ہو گا۔ کیا اس وقت اس کے جی میں جھنجھلا کر انتقامی خواہش پیدا نہ ہوتی ہو گی کہ وہ گھس کھدے کی طرح اپنے گال اور ہونٹ چھیل ڈالے۔ ‘‘

’’ایک عورت کے لیے یہ کتنا بڑا عذاب ہے کہ خارپشت کی مانند اس کے گالوں پر دوسرے روز نکیلے بال اُگ آئیں‘‘

’’اگر مردوں کے مانند عورتوں کے بھی داڑھی مونچھ اگتی تو کوئی حرج نہیں تھا پر یہاں ازل سے عورتیں ان بالوں سے بے نیاز ہی رہی ہیں۔ ‘‘

’’جہاں تک میں سمجھتا ہوں۔ عورتوں کے چہرے پر بالوں کا ہونا کوئی معیوب چیز نہیں۔ لیکن مصیبت تو یہ ہے کہ ہم لوگ یہ دیکھنے کے عادی نہیں۔ ‘‘

’’صنف نازک ٗ آخر صنفِ نازک ہے۔ اس میں شک نہیں۔ ‘‘

اس لڑکی میں نسوانیت کے تمام جوہر موجود ہیں۔ پھر یہ داڑھی مونچھ کس لیے اگ آئی ہے۔ نظر بیٹو کے طور پر۔ اس کی کوئی تشریح و توضیح تو ہونی چاہیے بیکار میں ایک خوبصورت شے کو بھونڈا بنا دیا۔ یہ کہاں کی شرافت ہے !‘‘

’’اب ایسی لڑکی سے شادی کون کرے گا جو ہر روز صبح سویرے اٹھ کر ٗ اُسترا ہاتھ میں پکڑ کر شیو کر رہی ہو۔ ‘‘

یہ لڑکی مونچھیں نہ مونڈے اور انہیں بڑھا لے۔ تو کیا اس سے خوف نہیں آئے گا۔ آپ بے ہوش نہ ہوں۔ لیکن چند لمحات کیلیے آپ کے ہوش و حواس ضرور جواب دے جائیں گے۔ آپ اپنے ہونٹوں پر انگلیاں پھیریں گے جہاں مونچھیں منڈی ہوں گی۔ مگر آپ کی صنف مقابل اپنی مونچھوں کو تاؤ دے رہی ہو گی۔ ‘‘

بس آگئی۔ وہ لڑکی اس میں سوار ہو کر چلی گئی۔ رشید کو بھی اسی بس سے جانا تھا لیکن وہ اپنے خیالوں میں اس قدر غرق تھا کہ اس کو بس کی آمد کا پتہ چلانہ اس کے جانے کا۔ تھوڑی دیر کے بعد جب وہ لڑکی کو ایک نظر اور دیکھنے کے لیے پلٹا تو وہ موجود نہیں تھی۔ اس کا ذہن اس قدر مضطرب تھا کہ اس نے اپنا کام ملتوی کر دیا اور گھر چلا آیا۔ اپنے کمرے میں بستر پر لیٹ کر اس نے مزید سوچ بچار شروع کر دی۔ اس کو اس لڑکی پر بہت ترس آرہا تھا۔ بار بار قدرت کی بے رحمی پر لعنتیں بھیجتا تھا کہ اس نے کیوں نسوانیت کے اتنے اچھے اور خوبصورت نمونے کو خود ہی بنا کر اس پر سیاہی کا لیپ کر دیا۔ آخر اس میں کیا مصلحت تھی۔ اب اس شکل میں اس سے شادی کون کرے گا۔ قدرت نے کیا اس کے لیے کوئی ایسا مرد پیدا کر رکھا ہے جو اسے قبول کرلے گا۔ لیکن وہ سوچتا کہ قدرت اتنی دور اندیش نہیں ہوسکتی۔ ‘‘

اس کی بہن آئی۔ دوپہر ہو چکی تھی۔ اس نے رشید سے کہا

’’بھائی جان۔ چلیے کھانا کھا لیجیے۔ ‘‘

رشید نے اس کی طرف غور سے دیکھا اور اس کو یوں محسوس ہوا کہ اس کے چہرے پر بھی بال ہیں

’’سلیمہ۔ ‘‘

’’جی۔ ‘‘

’’کچھ نہیں۔ لیکن نہیں ٹھہرو۔ کیا تمہاری مونچھیں ہیں۔ ‘‘

سلیمہ جھینپ گئی۔

’’جی ہاں۔ بال اگتے ہیں۔ ‘‘

رشید نے اس سے پوچھا

’’تو۔ میرا مطلب ہے تمہیں الجھن نہیں ہوتی ان بالوں سے؟‘‘

سلیمہ نے اور زیادہ جھینپ کر جواب دیا :

’’ہوتی ہے بھائی جان!‘‘

’’تو انہیں تم کیسے صاف کرتی ہو۔ بلیڈ سے !‘‘

’’جی نہیں۔ ایک چیز ہے جسے بے بی ٹچ کہتے ہیں۔ اس کو تھوڑی دیر ہونٹوں پر گھسانا پڑتا ہے۔ ‘‘

’’تو بال اُڑ جاتے ہیں !‘‘

’’اُڑتے وڑتے خاک بھی نہیں۔ دوسرے تیسرے روز پھر نمودار ہو جاتے ہیں بڑی مصیبت ہے۔ بعض اوقات تو آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں۔ ‘‘

’’وہ کیوں۔ ‘‘

سلیمہ نے دردناک لہجہ میں جواب دیا:

’’تکلیف ہوتی ہے بہت۔ جب بال اُکھڑتے ہیں تو چھینکیں آتی ہیں۔ اور چھینکوں کے ساتھ آنکھوں میں پانی اتر آتا ہے۔ معلوم نہیں اللہ میاں مجھے کن گناہوں کی سزا دے رہا ہے۔ ‘‘

رشید نے تھوڑے توقف کے بعد اپنی بہن سے پوچھا۔

’’تمہاری کسی اور سہیلی کی بھی داڑھی اور مونچھیں ہیں۔ ‘‘

’’مونچھیں تو کئی لڑکیوں کی دیکھی ہیں پر داڑھی میں نے کبھی کسی عورت کے چہرے پر نہیں دیکھی۔ ایک دو بال ٹھوڑی پر دیکھنے میں آئے ہیں جو وہ موچنے یا ہاتھ سے اکھاڑ پھینکتی ہیں۔ یہ آپ نے کیسی گفتگو آج شروع کر دی۔ چلیے کھانا کھا لیجیے۔ ‘‘

رشید نے کچھ دیر سوچا۔

’’نہیں۔ میں آج کھانا نہیں کھاؤں گا۔ میرا معدہ ٹھیک نہیں ہے‘‘

رشید کو یوں محسوس ہوتا تھا کہ اس نے بالوں کی پڈنگ کھائی ہے جو ہضم ہونے میں ہی نہیں آتی۔ اس کے سارے جسم پر تیز تیز نکیلے بال یوں رینگ رہے تھے جیسے خاردار چیونٹیاں۔ جب سلیمہ چلی گئی تو رشید نے پھر سوچنا شروع کر دیا۔ لیکن سوچنے سے کیا ہوسکتا تھا۔ اس لڑکی کے چہرے کے بال تو دُور نہیں ہوسکتے تھے۔ اس امر کا رشید کو کامل یقین تھا لیکن پھر بھی وہ سوچے چلا جارہا تھا۔ جیسے وہ کوئی بہت بڑا معمّا حل کررہا ہے۔ رشید کو داخلے کی درخواست دینا تھی۔ اس نے بی اے کا امتحان راولپنڈی سے پاس کیا تھا۔ اب وہ چاہتا تھا کہ لاہور میں کسی کالج میں داخل ہو جائے اور ایم اے کی ڈگری حاصل کر کے اعلیٰ تعلیم کیلیے انگلستان چلا جائے جہاں اس کے والد پرائمری کونسل میں پریکٹس کرتے تھے۔ اس روز مونچھوں اور داڑھی والی لڑکی کے باعث نہ جاسکا۔ دوسرے روز وہ بس کے بجائے تانگے میں گیا۔ اس نے چونکہ بی اے کا امتحان بڑے اچھے نمبروں پر پاس کیا تھا اس لیے اسے داخلے میں کوئی دِقت محسوس نہ ہوئی۔ وہ داڑھی مونچھوں والی لڑکی اب رشید کے دل و دماغ سے قریب قریب محو ہو چکی تھی۔ لیکن ایک دن اس نے اس کو کالج میں دیکھا۔ لڑکے اس کا مذاق اُڑا رہے تھے۔ ایک نے آوازہ کسا: مسٹر حمیدہ۔ ‘‘

دوسرے نے کہا

’’ایک ٹکٹ میں دو مزے ہیں۔ عورت کی عورت اور مرد کا مرد۔ ‘‘

تیسرے نے قہقہہ لگایا:

’’عجائب گھر میں رکھنا چاہیے تھا ایسی شخصیت کو۔ ‘‘

اور وہ بیچاری خفیف ہو رہی تھی۔ اس کی پیشانی پسینے سے ترتھی۔ رشید کو اس پر بہت ترس آیا۔ اس کے جی میں آئی کہ آگے بڑھ کر ان تمام لڑکوں کا سر پھوڑ دے جو اس کا مذاق اڑا رہے تھے۔ مگر وہ کسی مصلحت کی بنا پر خاموش رہا۔ جب لڑکے چلے گئے ٗ اور اس لڑکی نے اپنے دوپٹے سے آنکھوں میں اُمڈے ہوئے آنسو خشک کیے تو وہ جرأت سے کام لے کر اس کے پاس گیا اور بڑے ملائم لہجے میں اس سے مخاطب ہوا:

’’آپ یہاں کس کلاس میں پڑھتی ہیں۔ ‘‘

اس نے تنگ آ کر کہا:

’’کیا آپ بھی میرا مذاق اڑانے آئے ہیں۔ ‘‘

رشید نے اپنا لہجہ اور ملائم کر دیا۔ ‘‘

جی نہیں۔ آپ مجھے اپنا دوست یقین کیجیے۔ ‘‘

اس نے، جس کا نام حمیدہ تھا۔ نفرت کی نگاہوں سے رشید کو دیکھا۔

’’مجھے کسی دوست کی ضرورت نہیں۔ ‘‘

’’یہ آپ کی زیادتی ہے۔ ہر شخص کو دوست اور ہمدرد کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں اس وقت مناسب نہیں سمجھتا کہ آپ کے مضطرب دماغ کو اپنی باتوں سے اور زیادہ مضطرب کر دوں۔ ویسے میں آپ سے پھر درخواست کرتا ہوں کہ آپ مجھے اپنا دوست یقین کیجیے۔ ‘‘

یہ کہہ کر رشید چلا گیا۔ اس کے بعد متعدد مرتبہ اس نے حمیدہ کو دیکھا جو بی اے میں پڑھتی تھی۔ سارے کالج میں اس کی داڑھی مونچھوں کے چرچے تھے۔ لیکن ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے وہ لڑکوں کی آوازہ بازی کی عادی ہو چکی ہے۔ میرا خیال ہے کہ اب اس نے یہ محسوس کرنا شروع کر دیا تھا کہ اس کے چہرے پر کوئی بال نہیں ہے۔ وہ ہوسٹل میں رہتی تھی۔ ایک دفعہ وہ شدید طور پر بیمار ہو گئی دس پندرہ دن تک بستر میں لیٹنا پڑا۔ رشید نے کئی بار ارادہ کیا کہ وہ اس کی بیمار پرسی کے لیے جائے مگر اس کو یہ خطرہ لاحق تھا کہ وہ مشتعل ہو جائے گی کیونکہ اسے کسی کی ہمدردی پسند نہ تھی۔ وہ چاہتی تھی کہ اس کی کشتی ٗ ٹوٹی پھوٹی ٗ جیسی بھی ہے اسے اس کے سوا اور کوئی کھینے والا نہ ہو۔ لیکن ایک دن مجبور ہو کر اس نے چپراسی کے ہاتھ ایک رقعہ رشید کے نام بھیجا۔ جس میں یہ چند الفاظ مرقوم تھے:

’’رشید صاحب! میں بیمار ہوں۔ کیا آپ چند لمحات کے لیے میرے کمرے میں تشریف لا سکتے ہیں۔ ممنون و متشکر ہوں گی۔ حمیدہ‘‘

رشید یہ رقعہ ملتے ہی ہوسٹل میں گیا۔ بڑی مشکلوں سے حمیدہ کا کمرا تلاش کیا۔ اندر داخل ہوا تو اس نے پہلے یہ سمجھا کہ کوئی مرد جس نے کئی دنوں سے شیو نہیں کی۔ کمبل اوڑھے لیٹا ہے۔ مگر اس نے اپنا ردِ عمل ظاہر نہ ہونے دیا۔ چار پائی کے ساتھ ہی کرسی پڑی تھی۔ رشید اس پر بیٹھ گیا۔ حمیدہ مسکرائی۔

’’میں نے آپ کو اس لیے تکلیف دی ہے کہ مجھے بخار کے باعث بہت نقاہت ہو گئی ہے اور شیو نہیں کرسکی۔ کیا آپ میرے لیے یہ زحمت برداشت کر سکیں گے۔ ‘‘

رشید نے کمرے میں ادھر اُدھر دیکھا۔ شیو کا سامان کھڑکی کی سل پر موجود تھا۔ ٹین میں گرم پانی لا کر اس نے حمیدہ کے چہرے کے بال نرم کیے ٗ صابن ملا۔ اچھی طرح جھاگ پیدا کی اور پھر پانچ منٹ کے اندر اندر شیو بنا ڈالی۔ پھر تولیے سے اس کا چہرہ خشک کیا اور شیو کا سامان صاف کر نے کے بعد وہیں رکھ دیا جہاں سے اس نے اٹھایا تھا۔ حمیدہ نے اپنا نحیف ہاتھ گالوں پر پھیرا۔ اور پھر رشید سے کہا۔

’’شکریہ۔ ‘‘

اب دونوں ایک دوسرے کے دوست ہو گئے۔ رشید نے ایم اے اور حمیدہ نے بی اے پاس کر لیا۔ رشید کو فوراً بہت اچھی ملازمت مل گئی۔ اب وہ ایک نہیں ٗ روزانہ دو شیو بناتا تھا!

سعادت حسن منٹو

مسز ڈی کوسٹا

نو مہینے پورے ہو چکے تھے۔ میرے پیٹ میں اب پہلی سی گڑبڑ نہیں تھی۔ پر مسز ڈی کوسٹا کے پیٹ میں چوہے دوڑ رہے تھے۔ وہ بہت پریشان تھی۔ چنانچہ میں آنے والے حادثے کی تمام ان جانی تکلیفیں بھول گئی تھی اور مسز ڈی کوسٹا کی حالت پر رحم کھانے لگی تھی۔ مسز ڈی کوسٹا میری پڑوسن تھی۔ ہمارے فلیٹ کی بالکنی اور اس کے فلیٹ کی بالکنی میں صرف ایک چوبی تختہ حائل تھا۔ جس میں بے شمار ننھے ننھے سوراخ تھے ان سوراخوں میں سے میں اور اللہ بخشے میری ساس ڈی کوسٹا کے سارے خاندان کو کھانا کھاتے دیکھا کرتے تھے۔ لیکن جب ان کے ہاں سکھائی ہوئی جھینگا مچھلی پکتی اور اس کی ناقابلِ برداشت بُو ان سوراخوں سے چھن چھن کر ہم تک پہنچ جاتی تو میں اور میری ساس بالکنی کا رخ نہ کرتے تھے۔ میں اب بھی کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ اتنی بدبودار چیز کھائی کیونکر جاسکتی ہے، پر بابا کیا کہا جائے۔ انسان بری سے بری چیزیں کھا جاتا ہے۔ کون جانے۔ انھیں اس ناقابلِ برداشت بو ہی میں لطف آتا ہو۔ مسز ڈی کوسٹا کی عمر چالیس بیالیس کے لگ بھگ ہو گی۔ اس کے کٹے ہوئے بال جو اپنی سیاہی بالکل کھو چکے تھے اور جن میں بے شمار سفید دھاریاں پڑ چکی تھیں، اس کے چھوٹے سر پر گھسے ہوئے نمدے کی ٹوپی کی صورت میں پریشان رہتے تھے۔ کبھی کبھی جب وہ نیا بھڑکیلے رنگ کا بہت بھونڈے طریقے پر سلا ہوا فراک پہنتی تھی تو سر پر لال لال بندکیوں والا جال بھی لگا لیتی تھی۔ جس سے اس کے چھدرے بال اس کے سر کے ساتھ چپک جاتے تھے۔ اس حالت میں وہ درزیوں کا ایسا ماڈل دکھائی دیتی تھی جو نیلام گھرمیں پڑا ہو۔ میں نے کئی بار اسے اپنے انہی بالوں میں لہریں پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف دیکھا ہے۔ اپنے چار بیٹوں کو جن میں سے ایک تازہ تازہ فوج میں بھرتی ہوا تھا اور اپنے آپ کو ہندوستان کے حکمرانوں کی فہرست میں شامل سمجھتا تھا۔ اور دوسرا جو ہر روز اپنی کلف لگی سفید پتلون استری کرکے پہنتا تھا اور نیچے آکر چھوٹی چھوٹی کرسچین لڑکیوں کے ساتھ میٹھی میٹھی باتیں کیا کرتا تھا۔ ناشتہ کرا دیا کرتی تھی اور اپنے بڈھے خاوند کو جو ریلوے میں ملازم تھا۔ بالکنی میں نکل کر ہاتھ کے اشارے سے

’’بائی بائی‘‘

کرنے کے بعد فارغ ہو جاتی تھی تو اپنے سر کے ناقابلِ گرفت بالوں میں لہریں پیدا کرنے والے کلپ اٹکا دیا کرتی تھی۔ اور ان کلپوں سمیت سوچا کرتی تھی کہ میرے ہاں بچہ کب پیدا ہو گا۔ وہ خود آدھے درجن بچے پیدا کر چکی تھی جن میں سے پانچ زندہ تھے۔ ان کی پیدائش پر بھی وہ یونہی دن گنا کرتی تھی یا چپ چاپ بیٹھی رہتی تھی اور بچے کو خود بخود پیدا ہونے کے لیے چھوڑ دیتی تھی، اس کے متعلق مجھے کچھ علم نہیں۔ لیکن مجھے اس بات کا تلخ تجربہ ضرور ہے کہ جو کچھ میرے پیٹ میں تھا، اس سے مسز ڈی کوسٹا کو جس کا داہنا پیر اور اس کے اوپر کا حصہ کسی بیماری کے باعث ہمیشہ سوجا رہتا تھا، بہت گہری دلچسپی تھی۔ چنانچہ دن میں کئی مرتبہ بالکنی میں سے جھانک کر وہ مجھے آواز دیا کرتی تھی اور گرائمر سے بے نیاز انگریزی میں، جس کا نہ بولنا اس کے نزدیک شاید ہندوستان کے موجودہ حکمرانوں کی ہتک تھی، مجھ سے کہا کرتی تھی

’’میں بولی، آج تم کدھر گیا تھا۔ ‘‘

جب میں اسے بتاتی کہ میں اپنے خاوند کے ساتھ شاپنگ کرنے گئی تھی۔ تو اس کے چہرے پر ناامیدی کے آثار پیدا ہو جاتے اور وہ انگریزی بھول کر بمبئی کی اردو میں گفتگو کرنا شروع کردیتی جس کا مقصد مجھ سے صرف اس بات کا پتا لینا ہوتا تھا کہ میرے خیال کے مطابق بچے کی پیدائش میں کتنے دن باقی رہ گئے ہیں۔ مجھے اس بات کا علم ہوتا تو میں یقیناً اسے بتا دیتی۔ اس میں حرج ہی کیا تھا۔ اس بیچاری کو خواہ مخواہ کی الجھن سے نجات مل جاتی اور مجھے بھی ہر روز اس کے نت نئے سوالوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ مگر مصیبت یہ ہے کہ مجھے بچوں کی پیدائش اور اس کے متعلقات کا کچھ علم ہی نہیں تھا۔ مجھے صرف اتنا معلوم تھا کہ نو مہینے پورے ہو جانے پر بچہ پیدا ہو جایا کرتا ہے۔ مسز ڈی کوسٹا کے حساب کے مطابق نو مہینے پورے ہو چکے تھے۔ میری ساس کا خیال تھا کہ ابھی کچھ دن باقی ہیں۔ لیکن یہ نو مہینے کہاں سے شروع کرکے پورے کردیے گئے تھے، میں نے بہتیرا اپنے ذہن پر زور دیا، پر سمجھ نہ سکی۔ بچہ میرے پیدا ہونے والا تھا۔ شادی میری تھی۔ لیکن سارا بہی کھاتہ مسز ڈی کوسٹا کے پاس تھا۔ کئی بار مجھے خیال آیا کہ یہ میری اپنی غفلت کا نتیجہ ہے۔ اگر میں نے کسی چھوٹی سی نوٹ بک میں، چھوٹی سی نوٹ بک میں نہ سہی۔ اس کاپی ہی میں جو دھوبی کے حساب کے لیے مخصوص تھی، سب تاریخیں لکھ چھوڑی ہوتیں تو کتنا اچھا تھا۔ اتنا تو مجھے یاد تھا اور یاد ہے کہ میری شادی۲۶ اپریل کو ہوئی یعنی ۲۶ کی رات کو میں اپنے گھر کے بجائے اپنے خاوند کے گھرمیں تھی۔ لیکن اس کے بعد کے واقعات کچھ اس قدر خلط ملط ہو گئے تھے کہ اس بات کا پتا لگانا بہت مشکل تھا اور مجھے تعجب اسی بات کا ہے کہ مسز ڈی کوسٹا نے کیسے اندازہ لگا لیا تھا کہ نو مہینے پورے ہو چکے ہیں اور بچہ لیٹ ہو گیا ہے۔ ایک روز اس نے میری ساس سے اضطراب بھرے لہجے میں کہا۔

’’تمہارے ڈاٹر اِن لا کا بچہ لیٹ ہو گیا ہے۔ پچھلے ویک( ہفتے) میں پیدا ہونا ہی مانگتا تھا۔ ‘‘

میں اندر صوفے پر لیٹی تھی اور آنے والے حادثے کے متعلق قیاس آرائیاں کررہی تھی۔ مسز ڈی کوسٹا کی یہ بات سن کر مجھے بڑی ہنسی آئی اور ایسا لگا کہ مسز ڈی کوسٹا اور میری ساس دونوں پلیٹ فارم پر کھڑی ہیں اور جس گاڑی کا انھیں انتظار تھا، لیٹ ہو گئی ہے۔ اللہ بخشے میری ساس کو اتنی شدت کا انتظار نہیں تھا۔ چنانچہ وہ کئی مرتبہ مسز ڈی کوسٹا سے کہہ چکی تھی۔

’’کوئی فکر کی بات نہیں، خدا اپنا فضل کرے گا۔ کچھ اوپر ہو جایا کرتے ہیں۔ ‘‘

مگر مسز ڈی کوسٹا نہیں مانتی تھی۔ جو حساب وہ لگا چکی تھی، غلط کیسے ہوسکتا تھا۔ جب مسز ڈی سلوا کے ہاں بچہ پیدا ہونے والا تھا تو اس نے دور سے ہی دیکھ کہ کہہ دیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ایک ہفتہ لگے گا۔ چنانچہ چوتھے روز ہی مسزڈی سلوا ہسپتال جاتی نظر آئی۔ اور خود اس نے چھ بچے جنے تھے جن میں سے ایک بھی لیٹ نہ ہوا تھا۔ اور پھر وہ نرس تھی۔ یہ علیحدہ بات ہے کہ اس نے کسی ہسپتال میں دایہ گیری کی تعلیم حاصل نہیں کی تھی۔ مگر سب لوگ اسے نرس کہتے تھے۔ چنانچہ ان کے فلیٹ کے باہر چھوٹی سی تختی پر

’’نرس ڈی کوسٹا‘‘

لکھا رہتا تھا۔ اسے بچوں کی پیدائش کے اوقات معلوم نہ ہوتے تو اور کس کو ہوتے۔ جب کمرہ نمبر۱۷ کے رہنے والے مسٹر نذیر کی ناک سوج گئی تھی تو مسز ڈی کوسٹا ہی نے بازار سے روئی کا بنڈل منگوایا تھا اور پانی گرم کرکے ٹکور کی تھی۔ بار بار وہ اس واقعے کو سند کے طور پر پیش کیا کرتی تھی۔ چنانچہ مجھے بار بار کہنا پڑتا تھا۔

’’ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پڑوس میں ایسی عورت رہتی ہے جو خوش خلق ہونے کے علاوہ اعلیٰ نرس بھی ہے۔ ‘‘

یہ سن کر وہ خوش ہوتی تھی اور اس کو یوں خوش کرنے سے مجھے یہ فائدہ ہوا تھا کہ جب۔ صاحب کو تیز بخار چڑھا تھا تو مسز ڈی کوسٹا نے برف لگانے والی ربڑ کی تھیلی فوراً مجھے لا دی تھی۔ یہ تھیلی ایک ہفتہ تک ہمارے یہاں پڑی رہی اور ملیریا کے مختلف شکاروں کے استعمال میں آتی رہی۔ یوں بھی مسز ڈی کوسٹا بڑی خدمت گزار تھی۔ لیکن اس کی اس رضا کاری میں اس کی متجسس طبیعت کو کافی دخل تھا۔ دراصل وہ اپنے تمام پڑوسیوں کے ان رازوں سے بھی واقف ہونے کی آرزومند تھی جو سینہ بہ سینہ چلے آتے ہیں۔ مسز ڈی سلوا چونکہ مسز ڈی کوسٹا کی ہم مذہب تھی، اس لیے اس کی بہت سی کمزوریاں اس کو معلوم تھیں۔ مثلاً وہ جانتی تھی کہ اس کی شادی کرسمس میں ہوئی اور بچہ جولائی میں پیدا ہوا۔ جس کا صاف مطلب یہ تھا کہ اس کی شادی بہت پہلے ہو چکی تھی۔ اس کو یہ بھی معلوم تھا کہ مسز ڈی سلوا ناچ گھروں میں جاتی ہے اور یوں بہت سا روپیہ کماتی ہے۔ اور یہ کہ وہ اب اتنی خوبصورت نہیں رہی جتنی کہ پہلے تھی چنانچہ اس کی آمدنی بھی پہلے کی نسبت کم ہو گئی ہے۔ ہمارے سامنے جو یہودی رہتے تھے، ان کے متعلق مسز ڈی سلوا کے مختلف بیان تھے۔ کبھی وہ کہتی تھی کہ موٹی موذیل جورات کو دیر سے گھر آتی ہے، سٹہ کھیلتی ہے اور وہ ٹھنگنا سا بڈھا جو اپنی پتلون کے گیلسوں میں انگوٹھے اٹکائے اور کوٹ کاندھے پر رکھے صبح گھر سے نکل جاتا ہے اور شام کو لوٹتا ہے، موذیل کا پرانا دوست ہے۔ اس بڈھے کے متعلق اس نے کھوج لگا کر معلوم کیا تھا کہ صابن بناتا ہے جس میں سجی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ایک دن اس نے ہمیں بتایا کہ موذیل نے اپنی لڑکی کی جو بہت خوصورت تھی اور ہر روز نیلے رنگ کا

’’جم‘‘

پہن کر اسکول جاتی تھی، اس آدمی سے منگنی کررکھی ہے جو ہر روز ایک پارسی کو موٹر میں لے کر آتا ہے۔ اس پارسی کے متعلق میں اتنا جانتی ہوں کہ اس کی موٹر ہمیشہ نیچے کھڑی رہتی تھی اور وہ موذیل کی لڑکی کے منگیتر سمیت رات وہیں بسر کرتا تھا۔ مسز ڈی کوسٹا کا بیان یہ تھا کہ موذیل کی لڑکی فلوری فلوری کا منگیتر پارسی کا موٹر ڈرائیور ہے اور یہ پارسی اپنے موٹر ڈرائیور کی بہن للی کا عاشق ہے جو اپنی چھوٹی بہن وائلٹ سمیت اسی فلیٹ میں رہتی تھی۔ وائلٹ کے متعلق مسز ڈی کوسٹا کی رائے بہت خراب تھی۔ وہ کہا کرتی تھی کہ یہ لونڈیا جو ہر وقت ایک ننھے سے بچے کو اٹھائے رہتی ہے، بہت بُرے کیریکٹر کی ہے۔ اور اس ننھے سے بچے کے متعلق اس نے ایک دن ہمیں یہ خبر سنائی تھی اور جیسا کہ مشہور کیا گیا ہے۔ وہ کسی پارسن کا لاوارث بچہ نہیں بلکہ خود وائلٹ کی بہن للّی کا ہے۔ بس مجھے اتنا ہی یاد رہا ہے کیونکہ جو شجرہ مسز ڈی کوسٹا نے تیار کیا تھا اتنا لمبا ہے کہ شاید ہی کسی کو یاد رہ سکے۔ صرف آس پاس کی عورتوں اور پڑوس کے مردوں تک مسز ڈی کوسٹا کی معلومات محدود نہیں تھیں۔ اسے دوسرے محلے کے لوگوں کے متعلق بھی بہت سی باتیں معلوم تھیں۔ چنانچہ جب وہ اپنے سُوجے ہوئے پیر کا علاج کرنے کی غرض سے باہر جاتی تو گھرلوٹتے ہوئے دوسرے محلوں کی بہت سی خبریں لاتی تھی۔ ایک روز جب مسز ڈی کوسٹا میرے بچے کی پیدائش کا انتظار کرکر کے تھک ہار چکی تھی، میں نے اسے باہر پھاٹک کے پاس اپنے دو بڑے لڑکوں، ایک لڑکی اور پڑوسن کی دو عورتوں کے ساتھ باتوں میں مصروف دیکھا۔ یہ خیال کرکے جی ہی جی میں بہت کڑھی کہ میرے بچے کے لیٹ ہو جانے کے متعلق باتیں کررہی ہو گی۔ چنانچہ جب اس نے گھر کا رخ کیا تو میں جنگلے سے پرے ہٹ گئی۔ مگر اس نے مجھے دیکھ لیا تھا۔ سیدھی اوپر چلی آئی۔ میں نے دروازہ کھول کر باہر بالکنی ہی میں مونڈھے پر بٹھا دیا۔ مونڈھے پر بیٹھتے ہی اس نے بمبئی کی اردو اور گرائمر سے بے نیاز انگریزی میں کہنا شروع کیا۔

’’تم نے کچھ سنا؟۔ مہاتما گاندھی نے کیا کیا؟۔ سالی کانگرس ایک نیا قانون پاس کرانا چاہتی ہے۔ میرا فریڈرک خبر لایا ہے کہ بمبئی میں پروہشین ہو جائے گی۔ تم سمجھتا ہے پروہشین کیا ہوتی ہے؟‘‘

میں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ کیونکہ جتنی انگریزی مجھے آتی تھی۔ اس میں پروہشین کا لفظ نہیں تھا۔ اس پر مسز ڈی کوسٹا نے کہا۔

’’پروہشین شراب بند کرنے کو کہتے ہیں۔ ہم پوچھتا ہے۔ اس کانگرس کا ہم نے کیا بگاڑا ہے کہ شراب بند کرکے ہم کو تنگ کرنا مانگٹی ہے۔ یہ کیسی گورنمنٹ ہے۔ ہم کو ایسی بات ایک دم اچھی نہیں لگٹی۔ ہمارا تہوار کیسے چلے گا۔ ہم کیا کرے گا۔ وسکی ہمارے تہواروں میں ہونا ہی مانگٹا ہے۔ تم سمجھتی ہونا؟ کرسمس کیسے ہو گا؟۔ کرسچین لوگ تو اس لاء کو نہیں مانے گا۔ کیسے مان سکتا ہے۔ میرے گھر میں چوبیس کلاک(گھنٹے) برانڈی کی ضرورت رہتی ہے۔ یہ لاء پاس ہو گیا تو کیسے کام چلے گا۔ یہ سب کچھ گانڈھی کررہا ہے۔ گانڈھی جو محمڈن لوگ کا ایک دم بَیری ہے۔ سالا آپ تو پیتا نہیں اور دوسروں کو پینے سے روکتا ہے اور تمہیں مالوم ہے یہ ہم لوگوں کا میرا مطلب ہے گورنمنٹ کا بہت بڑا اینی می( دشمن) ہے۔ ‘‘

اس وقت ایسا معلوم ہوتا تھا کہ انگلستان کا سارا ٹاپو مسز ڈی کوسٹا کے اندرسما گیا ہے۔ وہ گوا کی رہنے والی کالے رنگ کی کرسچین عورت تھی۔ مگر جب اس نے یہ باتیں کیں تو میرے تصور نے اس پر سفید چمڑی منڈھ دی۔ چند لمحات کے لیے وہ یورپ سے آئی ہوئی تازہ تازہ انگریز عورت دکھائی دی جسے ہندوستان اور اس کے مہاتما جی سے کوئی واسطہ نہ ہو۔ سمندر کے پانی سے نمک بنانے کی تحریک مہاتما گاندھی نے شروع کی تھی۔ چرخہ چلانا اور کھادی پہننا بھی اسی نے لوگوں کو سکھایا تھا۔ اسی قسم کی اور بہت سی اوٹ پٹانگ باتیں وہ کر چکا تھا۔ شاید اسی لیے مسز ڈی کوسٹا نے یہ سمجھا تھا کہ بمبئی میں شراب صرف اس لیے بند کی جارہی ہے کہ

’’انگریز لوگوں‘‘

کو تکلیف ہو۔ وہ کانگرس اور مہاتما گاندھی کو ایک ہی چیز سمجھتی تھی۔ یعنی لنگوٹی۔ مہاتما گاندھی اور اس کی ہشت پشت پر لعنتیں بھیج کر مسز ڈی کوسٹا اصل بات کی طرف متوجہ ہوئی

’’اور ہاں یہ تمہارا بچہ کیوں پیدا نہیں ہوتا۔ چلو میں تمہیں کسی ڈاکٹر کے پاس لے چلوں۔ ‘‘

میں نے اس وقت بات ٹال دی مگر مسز ڈی کوسٹا نے گھر جاتے ہوئے پھر مجھ سے کہا۔

’’دیکھوتم کو کچھ ایسا ویسا بات ہو گیا۔ تو پھر ہم کو نہ بولنا۔ ‘‘

اس سے دوسرے روز کا واقعہ ہے۔ صاحب بیٹھے کچھ لکھ رہے تھے مجھے خیال آیا۔ کئی دنوں سے میں نے مسز کاظمی کو ٹیلیفون نہیں کیا۔ اس کو بھی بچے کی پیدائش کا بہت خیال ہے۔ اس وقت فرصت ہے۔ اور نذیر صاحب کا دفتر جو ان کے گھر کے ساتھ ہی ملحق تھا، بالکل خالی ہو گا کیونکہ چھ بج چکے تھے۔ اٹھ کر ٹیلیفون کردینا چاہیے۔ یوں سیڑھیاں اترنے اور چڑھنے سے ڈاکٹر صاحب اور تجربہ کار عورتوں کے مشورہ پر عمل بھی ہوجائے گا۔ جو یہ تھا کہ چلنے پھرنے سے بچہ آسانی کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔ چنانچہ میں اپنے پیدا ہونے والے بچے سمیت اٹھی اور آہستہ آہستہ سیڑھیاں چڑھنے لگی۔ جب پہلی منزل پر پہنچی تو مجھے نرس ڈی کوسٹا کا بورڈ نظر آیا اور پیشتر اس کے کہ میں اس کے فلیٹ کے دروازے سے گزر کر دوسری منزل کے پہلے زینے پر قدم رکھوں، مسز ڈی کوسٹا باہر نکل آئی اور مجھے اپنے گھر لے گئی۔ میرا دم پھولا ہوا تھا اور پیٹ میں اینٹھن سی پیدا ہو گئی۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ربڑ کی گیند ہے جو کہیں اٹک گئی ہے۔ اس سے بڑی الجھن ہورہی تھی میں نے ایک بار اس تکلیف کا ذکر اپنی ساس سے کیا تھا تو اس نے مجھے بتایا تھا کہ بچے کی ٹانگ وانگ ادھر ادھر پھنس جایا کرتی ہے۔ چنانچہ یہ ٹانگ وانگ ہی ہلنے جلنے سے کہیں پھنس گئی تھی جس کے باعث مجھے بڑی تکلیف ہورہی تھی۔ میں نے مسز ڈی کوسٹا سے کہا۔ مجھے ایک ضروری ٹیلیفون کرنا ہے اس لیے میں آپ کے یہاں نہیں بیٹھ سکتی۔ اور بہت سے جھوٹے بہانے پیش کیے مگر وہ نہ مانی اور میرا بازو پکڑ کر اس نے زبردستی مجھے اس صوفے پر بٹھا دیا جس کا کپڑا بہت میلا ہورہا تھا۔ مجھے صوفے پر بٹھا کر جلدی جلدی اس نے دوسرے کمرے سے اپنے دو چھوٹے لڑکوں کو باہر نکالا۔ اپنی کنواری جوان لڑکی کو بھی جو مہاتما گاندھی کی لنگوٹی سے کچھ بڑی نیکر پہنتی تھی، اس نے باہر بھیج دیا اور مجھے خالی کمرے میں لے گئی۔ اندر سے دروازہ بند کرکے اس نے میری طرف اس افریقی جادوگر کی طرح دیکھا جس نے الٰہ دین کا چچا بن کر اسے غار میں بند کردیا تھا۔ یہ سب کچھ اس نے اس پھرتی سے کیا کہ مجھے وہ۔ ایک بہت پُراسرار دکھائی دی۔ سُوجے ہوئے پیر کے باعث اس کی چال میں خفیف سا لنگڑا پن پیدا ہو گیا تھا، جو مجھے اس وقت بہت بھیانک دکھائی دی۔ میری طرف گھور کر دیکھنے کے بعد اس نے ادھر دیوار کی تینوں کھڑکیاں بند کیں۔ ہر کھڑکی کی چٹخی چڑھا کر اس نے میری طرف اس انداز سے دیکھا گویا اسے اس بات کا ڈر ہے کہ میں اٹھ بھاگوں گی۔ ایمان کی کہوں اس وقت میرا یہی جی چاہتا تھا کہ دروازہ کھول کر بھاگ جاؤں۔ اس کی خاموشی اور اس کے کھڑکیاں، دروازے بند کرنے سے میں بہت پریشان ہو گئی تھی۔ آخر اس کا مطلب کیا تھا؟۔ وہ چاہتی کیا تھی، اتنے زبردست تخلیے کی کیا ضرورت تھی؟۔ اور پھر۔ وہ لاکھ پڑوسن تھی۔ اس کے ہم پر کئی احسان بھی تھے لیکن آخروہ تھی تو ایک غیر عورت اور اس کے بیٹے۔ وہ مؤا فوجی اور وہ کلف لگی پتلون و الا جو چھوٹی چھوٹی کرسچین لڑکیوں سے میٹھی میٹھی باتیں کرتا تھا۔ اپنے اپنے ہوتے ہیں۔ پرائے پرائے۔ میں کئی عشقیہ ناولوں میں کٹنیوں کا حال پڑھ چکی تھی۔ جس انداز سے وہ ادھر ادھر چل پھر رہی تھی اور دروازے بند کرکے پردے کھینچ رہی تھی۔ اس سے میں نے یہی نتیجہ اخذ کیا تھا کہ وہ نرس ورس بالکل نہیں بلکہ بہت بڑی کٹنی ہے۔ کھڑکیاں اور دروازے بند ہونے کے باعث کمرے میں جس کے اندر لوہے کے چار پلنگ پڑے تھے، کافی اندھیرا ہو گیا تھا جس سے مجھے اور بھی وحشت ہوئی۔ مگر اس نے فوراً ہی بٹن دبا کر روشنی کردی۔ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ میرے ساتھ کیا کرے گی۔ پُراسرار طریقے پر اُس نے آتشدان سے ایک بوتل اٹھائی جس میں سفید رنگ کا سیّال مادہ تھا اور مجھ سے مخاطب ہو کر کہنے لگی۔

’’اپنا بلاؤز اتارو۔ میں کچھ دیکھنا مانگٹی ہوں۔ ‘‘

میں گھبرا گئی۔

’’کیا دیکھنا چاہتی ہو؟‘‘

اوپر سے سب کچھ نظر آرہا تھا، پھر بلاؤز اتروانے کا کیا مطلب تھا۔ اور اسے کیا حق حاصل تھا کہ وہ دوسری عورتوں کو یوں گھر کے اندر بلا کربلاؤز اتروانے پر مجبور کرے۔ میں نے صاف صاف کہہ دیا۔ مسز ڈی کوسٹا میں بلاؤز ہرگز ہرگز نہیں اتاروں گی۔ میرے لہجے میں گھبراہٹ کے علاوہ تیزی بھی تھی۔ مسز ڈی کوسٹا کا رنگ زرد پڑ گیا۔

’’تو۔ تو۔ پھر ہم کو مالوم کیسے پڑے گا کہ تمہارے گھر بچہ کب ہو گا۔ اس بوتل میں کھوپرے کا تیل ہے۔ یہ ہم تمہارے پیٹ پر گرا کر دیکھے گا۔ اس سے ایک دم مالوم ہو جائے گا کہ بچہ کب ہو گا۔ لڑکی ہو گی یا لڑکا۔ ‘‘

میری گھبراہٹ دور ہو گئی۔ ڈی کوسٹا پھر مجھے مسز ڈی کوسٹا نظر آنے لگی۔ کھوپرے کا تیل بڑی بے ضرر چیز ہے۔ پیٹ پر اگر اس کی پوری بوتل بھی الٹ دی جاتی تو کیا حرج تھا۔ اور پھر ترکیب کتنی دلچسپ تھی۔ اس کے علاوہ اگرمیں نہ مانتی تو مسز ڈی کوسٹا کو کتنی بڑی ناامیدی کا سامنا کرنا پڑتا۔ مجھے ویسے بھی کسی کی دل شکنی منظور نہیں ہوتی۔ چنانچہ میں مان گئی۔ بلاؤز اور قمیض اتارنے میں مجھے کافی کوفت ہوئی مگر میں نے برداشت کرلی۔ غیر عورت کی موجودگی میں جب میں نے اپنا پھولا ہوا پیٹ دیکھا جس کے نچلے حصے پر اس طرح کے لال لال نشان بنے ہوئے تھے جیسے ریشمی کپڑے میں چُرسیں پڑ جائیں تو مجھے ایک عجیب قسم کا حجاب محسوس ہوا۔ میں نے چاہا کہ فوراً کپڑے پہن لوں اور وہاں سے چل دوں لیکن مسز ڈی کوسٹا کا وہ ہاتھ جس میں کھوپرے کے تیل کی بوتل تھی اٹھ چکا تھا۔ میرے پیٹ پر ٹھنڈے ٹھنڈے تیل کی ایک لکیر دوڑ گئی۔ مسز ڈی کوسٹا خوش ہو گئی۔ میں نے جب کپڑے پہن لیے تو اس نے مطمئن لہجہ میں کہا۔

’’آج کیا ڈیٹ ہے؟ اگیارہ(گیارہ) بس پندرہ کو بچہ ہو جائے گا اور لڑکا ہو گا۔ ‘‘

بچہ۲۵ تاریخ کو ہوا لیکن تھا لڑکا۔ اب جب کبھی وہ میرے پیٹ پر اپنے ننھے ننھے ہاتھ رکھتا ہے تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مسز ڈی کوسٹا نے کھوپرے کے تیل کی ساری بوتل انڈیل دی ہے۔

سعادت حسن منٹو

مسز ڈی سلوا

بالکل آمنے سامنے فلیٹ تھے۔ ہمارے فلیٹ کا نمبر تیرہ تھا۔ اس کے فلیٹ کا چودہ۔ کبھی کوئی سامنے کا دروازہ کھٹکھٹاتا تو مجھے یہی معلوم ہوتا کہ ہمارے دروازے پر دستک ہورہی ہے۔ اسی غلط فہمی میں جب میں نے ایک بار دروازہ کھولا تو اس سے میری پہلی ملاقات ہُوئی۔ یوں تو اس سے پہلے کئی دفعہ میں اسے سیڑھیوں میں، بازار میں اوربالکونی میں دیکھ چکی تھی مگر کبھی بات کرنے کا اتفاق نہ ہوا تھا۔ جب میں نے دروازہ کھولا تو وہ میری طرف دیکھ کر مسکرائی اور کہنے لگی۔

’’تم نے سمجھا کوئی تمہارے گھر آیا ہے۔ ‘‘

میں بھی جواب میں مسکرا دی۔ چند لمحات تک وہ اپنے دروازے کی دہلیز میں اور میں اپنے دروازے کی دہلیز میں کھڑی رہی۔ اس کے بعد وہ مجھ سے اور میں اس سے اچھی طرح واقف ہو گئی۔ اس کا نام میری یا خدا معلوم کیا تھا۔ مگر اس کے خاوند کا نام پی۔ این ڈِسلوا تھا چنانچہ میں اسے مسز ڈی سلوا ہی کہتی تھی۔ میں اسے میری ضرور کہتی مگر وہ عمر میں مجھ سے کہیں بڑی تھی۔ موٹے موٹے نقش، چھوٹی گردن، اندردھنسی ہوئی ناک پکوڑا سی، سر چھوٹا جس پر کٹے ہوئے بال ہمیشہ پریشان رہتے تھے۔ آنکھیں دوات کے منہ کی طرح کھلی رہتی تھیں۔ معلوم نہیں سوتے میں انکی شکل کیسی ہوتی ہو گی؟ اس کا خاوند معمولی شکل و صورت کا آدمی تھا۔ کسی دفتر میں کام کرتا تھا۔ جب شام کو گھر لوٹتا اور مجھے باہر بالکنی میں دیکھتا تو اپنے بھورے رنگ کا ہیٹ اتار کر مجھے سلام ضرور کرتا بے حد شریف آدمی تھا۔ مسز ڈی سلوا بھی بہت ملنسار اور با اخلاق عورت تھی۔ دونوں میاں بیوی پُرسکون زندگی بسر کرتے تھے۔ چار پانچ برس کا ایک لڑکا تھا اس کو دیکھ کر کبھی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ باپ چھوٹا ہو گیا ہے اور کبھی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ماں سکڑ گئی ہے ماں باپ دونوں کے نقش کچھ اس طرح اس بچے میں خلط ملط ہو گئے تھے کہ آدمی فیصلہ نہیں کرسکتا تھا کہ وہ ماں پر ہے یا باپ پر۔ پانچ برس میں ان کے یہاں صرف یہی ایک بچہ تھا۔ مسز ڈی سلوا نے ایک روز مجھ سے کہا تھا۔

’’ہمارا ماں بھی اس موافق بچہ دیا کرتا تھا۔ پانچ برس کے پیچھے ایک پہلے ہم ہوا۔ پانچ برس کے پیچھے ہمارا بھائی ہوا۔ اس کے پیچھے ہمارا ایک اور بہن۔ ‘‘

پانچ برس کی قید چونکہ پوری ہو چکی تھی۔ اس لیے مسز ڈی سلوا اب پیٹ سے تھی اس کا خاوند بہت خوش تھا۔ مجھے مسز ڈی سلوا نے بتایا کہ اپنی ڈائری میں اس نے کئی تاریخیں لکھ رکھی ہیں۔ پہلے بچے کی پیدائش کی تاریخ۔ ہونے والے بچے کی پیدائش کی تاریخ کا اندازہ اور وہ سال جس میں کہ تیسرا بچہ پیدا ہو گا۔ یہ سارا حساب اس نے اپنی ڈائری میں درج کر رکھا تھا۔ مسز ڈی سلوا کہتی تھی کہ اس کے خاوند کو پانچ برس کی یہ قید اچھی معلوم نہیں ہوتی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ ایک بچہ پیدا کرنے کے بعد وہ پانچ برس کے لیے کیوں چھٹی پر چلی جاتی ہے۔ مسز ڈی سلوا خود حیران تھی مگر اسے فخرسمجھتی تھی کہ وہ اپنی ماں کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ میں بھی کم متحیر نہ تھی، سوچتی تھی یا الٰہی یہ پانچ برسوں کا چکر کیا ہے کیوں ان دونوں میں سے ایک گنتی نہیں بھول جاتا؟۔ قدرت نے کیا اس عورت کے اندر ایسی مشین لگا دی ہے کہ جب پانچ سال کے پانچ چکر ختم ہو جاتے ہیں تو کھٹ سے بچہ پیدا ہو جاتا ہے۔ خدا کی باتیں خدا ہی جانے۔ ہمارے پڑوس میں ایک اور عورت بھی جو ڈیڑھ برس سے پیٹ سے تھی۔ ڈاکٹر کہتے تھے کہ اس کے رحم میں کوئی خرابی ہے۔ بچہ موجود ہے جو پیدا ہو جائے گا مگر اس کی نشوونما تھوڑے تھوڑے وقفوں کے بعد چونکہ رک جاتی ہے اس لیے ابھی تک اتنا بڑا نہیں ہوا کہ پیدا ہوسکے۔ امی جان جب مجھ سے یہ باتیں سُنتی تھیں تو کہا کرتی تھیں قیامت آنیوالی ہے خدا جانے دنیا کو کیاہو گیا ہے۔ پہلے کبھی ایسی باتیں سننے میں نہیں آتی تھیں۔ عورتیں چُپ چاپ نو مہینے کے بعد بچے جن دیا کرتی تھیں۔ کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں ہوتی تھی۔ اب کسی کے بچہ پیدا ہونے والا ہو تو سارے شہر کو خبر ہو جاتی ہے۔ مٹکا سا پیٹ لیے باہر جارہی ہیں۔ سڑکوں پر گھوم رہی ہیں۔ لوگ دیکھ رہے ہیں مگر کیا مجال کہ ان کو ذرا سی بھی حیا آجائے۔ آج کل تو دیدوں کا پانی ہی مر گیا ہے۔ میں یہ سنتی تھی تو دل ہی دل میں ہنستی تھی۔ امی جان کا پیٹ بھی کئی بار پھول کر مٹکا بن چکا تھا اوریہ مٹکا لیے وہ گھر کا سارا کام کاج کرتی تھیں ہر روز مارکیٹ جاتی تھیں مگر جب دوسروں کو دیکھتی تھیں یا ان کے متعلق باتیں سنتی تھیں تو اپنی آنکھ کا شہتیر نہیں دیکھتی تھیں دوسروں کی آنکھ کا تنکا انھیں فوراً نظر آجاتا تھا۔ آدمی اگر اس مصیبت میں گرفتار ہو جائے تو کیااسے باہر آنا جانا بالکل بند کردینا چاہیے۔ مٹکا سا پیٹ لیے بس گھر میں بیٹھے رہو۔ صوفے پر سے اٹھو چارپائی پر لیٹ جاؤ۔ چارپائی سے اٹھو تو کسی کرسی پر لیٹ جاؤ۔ مگر آفت تو یہ ہے کہ مٹکا سا پیٹ لیے بیٹھنے اور لیٹنے میں بھی تو تکلیف ہوتی ہے۔ جی چاہتا ہے کہ آدمی چلے پھرے تاکہ بوجھ کچھ ہلکا ہو۔ یہ کیا کہ پیٹ میں بڑی سی فٹ بال ڈالے گھر کی چار دیواری میں قید رہو۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ امی جان حیاکیوں طاری کرنا چاہتی ہیں۔ بھئی اگر کوئی پیٹ سے ہے تو کیا اس کا قصور ہے؟ اس نے کوئی شرمناک بات کی ہے جو وہ شرم محسوس کرے۔ جب خدا کی طرف سے یہ مصیبت عورتوں پر عائد کردی گئی کہ وہ ایک مقررہ مدت تک بچے کو پیٹ میں رکھیں تو اس میں شرمانے اور لجانے کی بات ہی کیا ہے اور اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ سب کام چھوڑ کر آدمی بالکل نکما ہو جائے اس لیے کہ اُسے بچہ پیدا کرنا ہے۔ بچہ پیدا ہوتا رہے۔ اب کیا اس کے لیے باہر آنا جانا موقوف کردیا جائے۔ لوگ ہنستے ہیں تو ہنسیں، کیا ان کے گھر میں ان کی مائیں اور بہنیں کبھی پیٹ سے نہیں ہوں گی۔ بھئی، مجھے تو امی جان کی یہ منطق بڑی عجیب سی معلوم ہوتی ہے اصل میں ان کی عادت یہ ہے کہ خواہ مخواہ ہر بات پر اپنا لیکچر شروع کردیتی ہے خواہ کسی کو بُرا لگے یا اچھا۔ اپنی لڑکی کی بات ہو تو کبھی کچھ نہ کہیں گی۔ پچھلی دفعہ جب عارف میرے پیٹ میں تھا اور میں ہر روز اپولو بندر سیر کو جاتی تھی تو قسم لے لو جو ان کے منہ سے میرے خلاف کچھ نکلا ہو، پر اب چونکہ بات مسز ڈی سلوا کی تھی جو بیچاری صرف اتوار کی صبح گرجا میں نماز پڑھنے اور شام کو سودا سلف لانے کے لیے اپنے خاوند کے ساتھ باہر نکلتی تھی اس لیے امی جان کو

’’تو یہ ہے بیوی، تو یہ ہے بیوی‘‘

کہنے کا موقع مل جاتا ہے۔ پہلے بچے پر پیٹ زیادہ نہیں پھولتا، لیکن دوسرے بچے کو چونکہ پھیلنے کے لیے زیادہ جگہ مل جاتی ہے۔ اس لیے پیٹ بہت بڑا ہو جاتا ہے۔ مسز ڈی سلوا لمبا سا چغہ پہنے جب گھر میں چلتی پھرتی تھی تو اس کا پیٹ بہت بدنما معلوم ہوتا تھا۔ قد اس کا چھوٹا تھا۔ پنڈلیاں جو بہت پتلی تھیں اور چغے کے نیچے آہستہ آہستہ حرکت کرتی تھیں۔ بہت ہی بھدی تصویر پیش کرتی تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گھڑونچی پر مٹکا رکھا ہے سارا دن اس لمبے چغے میں وہ کارٹون بنی رہتی تھی۔ شروع شروع میں بیچاری کی بہت بُری حالت ہُوئی تھی۔ ہر وقت قے اور متلی۔ قلفی والے کی آواز سنتی تو تڑپ جاتی اس کو بلاتی لیکن جب کھانے لگتی تو فوراً ہی جی مالش کرنے لگتا۔ سارا دن لیمو چوستی رہتی۔ ایک دن دوپہر کے وقت میں اس کے یہاں گئی۔ کیا دیکھتی ہوں کہ بستر پر لیٹی ہے لیکن ٹانگیں اوپر اٹھا رکھی ہیں میں نے مسکرا کر کہا۔

’’مسز ڈی سلوا اکسر سائز کررہی ہو کیا۔ ‘‘

جھنجھلا کر بولی۔

’’ہم بہت تنگ آگیا ہے۔ یوں ٹانگیں اُوپر کرتا ہے تو ہمارا طبیعت کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے۔ ‘‘

ٹھنڈی ٹھنڈی دیوار کے ساتھ پیر لگانے سے اسے کچھ تسکین ہوتی تھی۔ بعض اوقات اس کی طبیعت گھبراتی تھی تو زور زور سے میز کو یا بستر کو جہاں بھی وہ بیٹھی ہو مکھیاں مارنا شروع کردیتی تھی۔ اور جب اس طرح گھبراہٹ کم نہیں ہوتی تھی تو تنگ آکر رونا شروع کردیتی تھی۔ اس کی یہ حالت دیکھ کر مجھے بہت ہنسی آتی تھی۔ چنانچہ وہ تمام تکلیفیں جو مجھ پر بیت چکی تھیں بھول کر اس سے کہا کرتی تھی۔

’’مسز ڈی سلوا جان بوجھ کر تم نے یہ مصیبت کیوں مول لی۔ ‘‘

اس پر وہ بگڑ کر کہتی۔

’’ہم نے کب لیا۔ پانچ برس کے پیچھے سالا یہ ہونے کو ہی مانگتا تھا۔ ‘‘

میں کہتی۔

’’تو مسز ڈی سلوا پانچویں سال تم بنگلور کیوں نہ چلی گئیں۔ ‘‘

وہ جواب دیتی

’’ہم چلا جاتا۔ سچ ہم جانے کو ایک دم تیار تھا پر یہ وار اسٹارٹ ہو گیا۔ ہم وہاں رہتا ہمارا صاحب یہاں رہتا۔ خرچ بہت ہوتا۔ سو یہ سوچ کر ہم نہ گیا اور سالا یہ آفت سر پر آن پڑا۔ ‘‘

شروع شروع میں مسز ڈی سلوا کو یہ آفت معلوم ہوتی تھیں پر اب وہ خوش تھی کہ دوسرا بچہ پیدا ہونے والا ہے۔ قے اور متلی ختم ہو گئی تھی۔ ٹانگیں اوپر کرکے لیٹنے کی اب ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس کی طبیعت ٹھیک رہتی تھی۔ یہ سلسلہ صرف پہلے دو مہینے تک رہا تھا۔ اب اسے کوئی تکلیف نہیں تھی۔ ایک صرف کبھی کبھی پیٹ میں اینٹھن سی پیدا ہو جاتی تھی یا بچہ جب پیٹ میں پھرتا تھا تو اسے تھوڑے عرصے کے لیے بے چینی سی محسوس ہوتی تھی۔ مسز ڈی سلوا بالکل تیار تھی۔ چھوٹے چھوٹے فراک سِی کر اس نے ایک چھوٹے سے منے بیگ میں رکھ چھوڑے تھے۔ نہالچے پوتڑے بھی تیار تھے۔ اس کا خاوند لوہے کا ایک جھولا بھی لے آیا تھا۔ اس کے لیے مسز ڈی سلوا نے پرانے تکیوں کے روٹر سے ایک گدا بھی بنا لیا تھا۔ غرض کہ سب سامان تیار تھا۔ اب مسز ڈی سلوا کو صرف کسی ہسپتال میں جا کر بچہ جن دینا تھا اور بس۔ مسٹر ڈی سلوا نے دو مہینے پہلے ہسپتال میں اپنی بیوی کے لیے جگہ بُک کررکھی تھی پانچ روپے ایڈوانس دے دیے تھے تاکہ عین وقت پر گڑ بڑ نہ ہو اور ہسپتال میں جگہ مل جائے۔ مسٹر ڈی سلوا بہت دور اندیش تھا۔ پہلے بچے کی پیدائش پر بھی اس کے انتظامات ایسے ہی مکمل تھے۔ مسز ڈی سلوا اپنے خاوند سے بھی کہیں زیادہ دور اندیش تھی جیسا کہ میں بتا چکی ہُوں اس نے ان نو مہینوں کے اندر اندر وہ تمام سامان تیار کرلیا تھا جو بچے کے پہلے دو برسوں کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ نیچے بچھانے کے لیے ربڑ کے کپڑے فیڈر، چسنیاں، جھنجھنے اور دوسرے جاپانی کھلونے اور اسی قسم کی اور چیزیں سب بڑی احتیاط سے اس نے ایک علیحدہ ٹرنک میں بند کر رکھی تھیں۔ ہر دوسرے تیسرے دن وہ یہ ٹرنک کھول کر بیٹھ جاتی تھی اور ان چیزوں کو اور زیادہ قرینے سے رکھنے کی کوشش کرتی تھی دراصل وہ دن گنتی تھی کہ جلدی بچہ پیدا ہو اور وہ اسے گود میں لے کر کھلائے دودھ پلائے۔ لوریاں دے اور جھوے میں لٹا کرسلائے۔ پانچ برس کی تعطیل کے بعد اب گویا اس کا اسکول کھلنے والا تھا وہ اتنی ہی خوش تھی جتنا کہ طالب علم ایسے موقعوں پر ہُوا کرتے ہیں۔ ہماری بلڈنگ کے سامنے ایک پارسی ڈاکٹر کا مطب تھا۔ اس ڈاکٹر کے پاس مسز ڈی سلواہرروز نوکر کے ہاتھ اپنا قارورہ بھیجتی تھی، کہتے ہیں آخری دنوں میں قارورہ دیکھ کر ڈاکٹر بتاسکتے ہیں کہ بچہ کب پیدا ہو گا۔ مسز ڈی سلوا کا خیال تھا کہ دن پورے ہو گئے ہیں۔ مگر یہ ڈاکٹر کہتا تھا کہ نہیں ابھی کچھ دن باقی ہیں۔ ایک روز میں غسل خانے میں نہا رہی تھی کہ میں نے مسز ڈی سلوا کی گھبرائی ہوئی آواز سنی، پھر دروازہ کھلا اور مسز ڈی سلوا کے کراہنے کی آواز آئی۔ میں نے کھڑکی کھول کر دیکھا تو مسز ڈی سلوا اپنے خاوند کا سہارا لے کر اُترنے والی تھی۔ رنگ ہلدی کی طرح زرد تھا۔ میری طرف دیکھ کر اس نے مسکرانے کی کوشش کی۔ میں نے بڑی بوڑھی عورتوں کا سا انداز اختیار کرکے کہا۔

’’ساتھ خیر کے جاؤ اور ساتھ خیر کے واپس آؤ۔ ‘‘

مسٹر ڈی سلوا نے جب میری آواز سنی تو مسکرا کر اپنے بھورے رنگ کا ہیٹ اتارمجھے سلام کیا۔ میں نے اس سے کہا۔

’’مسٹر ڈی سلوا جونہی بے بی ہو مجھے ضرور خبر دیجیے گا۔ ‘‘

وہ مسکراہٹ جو مسٹر ڈی سلوا کے میلے ہونٹوں پر سلام کرتے وقت پیدا ہو چکی تھی، یہ سن کر اور پھیل گئی۔ سارا دن میرا دھیان مسز ڈی سلوا ہی میں پڑا رہا۔ کئی بار دروازہ کھول کر دیکھا مگر ہسپتال سے نہ تو نوکر ہی واپس آیا تھا نہ مسز ڈی سلوا کا خاوند، شام ہو گئی۔ خدا جانے یہ لوگ کہاں غائب ہو گئے تھے۔ مجھے کچھ دنوں کے لیے ماہم جانا تھا جہاں میری بہن رہتی تھی۔ مجھے لینے کیلیے آدمی بھی آگیا مگر ہسپتال سے کوئی خبر نہ آئی۔ تیسرے روز ماہم سے جب میں واپس آئی تو اپنے گھر جانے کے بجائے میں نے مسز ڈی سلوا کے دروازے پر دستک دی۔ تھوڑی دیر کے بعد دروازہ کھلا کیا دیکھتی ہوں کہ مسز ڈی سلوا میرے سامنے کھڑی ہے۔ مٹکا سا پیٹ لیے میں نے حیرت زدہ ہو کر پوچھا۔

’’یہ کیا؟‘‘

وہ مجھے اندر لے گئی اور کہنے لگی۔

’’ہم کو درد ہوا تو ہم سمجھا ٹائم پورا ہُوا وہاں ہسپتال میں گیا اور جب نرس نے بیڈ پر لٹایا تو درد ایک دم غائب ہو گیا۔ ہم بڑا حیران ہُوا۔ نرس لوگ تو بڑا ہنسا بولا۔ اتنا جلدی تم یہاں کیوں آگیا۔ ابھی کچھ دن گھر پر اور ٹھہرو۔ پیچھے آؤ۔ ہم کو بہت شرم آیا۔ ‘‘

اس کا یہ بیان سن کر میں بہت ہنسی وہ بھی ہنسی۔ دیر تک ہم دونوں ہنستے رہے۔ اس کے بعد اس نے مجھے سارا واقعہ تفصیل سے سُنایا کہ کس طرح ٹیکسی میں بیٹھ کر وہ ہسپتال گئی۔ وہاں ایک کمرے میں اسکے تمام کپڑے اتارے گئے۔ نام وغیرہ درج کیا گیا اور ایک بستر پر لٹا کر اسے نرسیں دوسرے کمرے میں چلی گئیں جہاں سے کئی دفعہ اسے چیخوں کی آواز سنائی دی۔ اس بستر پر وہ چار پانچ گھنٹے تک پڑی رہی اس دوران میں پہلے ایک نرس آئی اس نے اسے نہانے کو کہا۔ نہانے سے فارغ ہوئی تو ایک نرس آئی اس نے اسے انیما دیا۔ انیما دینے کے بعد تیسری نرس آئی جو اس کے انجکشن لگا گئی۔ اس کے بعد ڈاکٹر آئی اس نے پیٹ ویٹ دیکھا تو جھنجھلا کر کہا۔

’’تم کیوں اتنی جلدی یہاں آگیا ہے۔ ابھی گھر جا کر آرام کرو۔ ‘‘

سب نرسیں ہنسنے لگیں۔ وہ پانی پانی ہو گئی۔ کپڑے وپڑے پہن کر باہر نکل آئی جہاں اس کا خاوند کھڑا تھا۔ دونوں کو چونکہ ناامیدی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور مسٹر ڈی سلوا نے اس دن کی چھٹی لے رکھی تھی اس لیے وہ ریگل سینما میں میٹنی شو دیکھنے کے لیے چلے گئے۔ مسز ڈی سلوا کو سخت حیرت تھی کہ یہ ہوا کیا پچھلی دفعہ جب اس کے بچہ ہونے والا تھا تو وہ عین موقع پر ہسپتال پہنچی تھی۔ اب اس کا اندازہ غلط کیوں نکلا۔ درد ضرور ہُوا تھا اور یہ بالکل ویسا ہی تھا جو اسے پہلے بچے کی پیدائش سے تھوڑی دیر پہلے ہُوا تھا پھر یہ گڑ بڑ کیوں ہو گئی؟ چھٹے روز شام کو ساڑھے آٹھ بجے کے قریب میں بالکنی میں بیٹھی تھی کہ مسز ڈی سلوا کا نوکر آیا۔ دس روپے کا نوٹ اس کے ہاتھ میں تھا کہنے لگا۔

’’میم صاحب نے چُھٹّا مانگا ہے۔ وہ ہسپتال جارہی ہے۔ میں نے جھپ پٹ دس روپے کی ریزگاری نکالی اور بھاگی بھاگی وہاں گئی۔ میاں بیوی دونوں تیار تھے۔ مسز ڈی سلوا کا رنگ ہلدی کی طرح زرد تھا۔ درد کے مارے اس کا بُرا حال ہورہا تھا۔ میں نے اور اس کے خاوند نے سہارا دیکر اسے نیچے اتارا اور ٹیکسی میں بٹھا دیا۔

’’ساتھ خیر کے جاؤ اور ساتھ خیر کے واپس آؤ۔ ‘‘

کہہ میں اوپر گئی اور انتظار کرنے لگی۔ رات کے بارہ بجے تک میں سیڑھیوں کی طرف کان لگائے۔ بیٹھی رہی۔ مگر ہسپتال سے کوئی واپس نہ آیا۔ تھک ہار کر سو گئی۔ صبح اٹھی تو دھوبی آگیا اس سے پندرہ دھلائیوں کا حساب کرنے میں کچھ ایسی مشغول ہُوئی کہ مسز ڈی سلوا کا دھیان ہی نہ رہا۔ دھوبی میلے کپڑوں کی گٹھڑی باندھ کر باہر نکلا۔ میں دروازے کے سامنے بیٹھی تھی۔ اس نے باہر نکل کرمسز ڈی سلوا کے دروازے پر دستک دی۔ دروازہ کھلا کیا دیکھتی ہوں کہ مسز ڈی سلوا کھڑی ہے مٹکا سا پیٹ لیے۔ میں نے قریب قریب چیخ کر پوچھا: مسز ڈی سلوا۔ پھر واپس آگئیں۔ جب اس کے پاس گئی تو وہ مجھے دوسرے کمرے میں لے گئی۔ شرم سے اس کا چہرہ گہرے سانولے رنگ کے باوجود سرخ ہورہا تھا۔ رک رک کر اس نے مجھ سے کہا۔

’’کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ درد بالکل پہلے کے موافق ہوتا ہے پر وہاں نرس لوگ کہتا ہے کہ جاؤ گھر جاؤ ابھی دیر ہے۔ یہ کیا ہو رہا ہے؟۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ بیچاری کی حالت قابل رحم تھی ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس مرتبہ نرسوں نے اُسے بہت بری طرح جھڑکا تھا۔ حیرت۔ شرم اور بوکھلاہٹ نے مل جل کر اس کو اس قدر قابل رحم بنا دیا تھا کہ مجھے اس کے ساتھ تھوڑے عرصہ کے لیے انتہائی ہمدردی ہو گئی۔ میں دیر تک اس سے باتیں کرتی رہی۔ اس کو سمجھایا کہ اس میں شرم کی بات ہی کیا ہے۔ جب بچہ ہونے والا ہو تو ایسی غلط فہمیاں ہو ہی جایا کرتی ہیں۔ نرسوں کا کام ہے بچے جنانا۔ ان کے پاس آدمی اسی لیے جاتا ہے کہ آسانی سے یہ مرحلہ طے ہو جائے۔ انھیں مذاق اُڑانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ اور جب فیس وغیرہ دی جائے گی اور ایڈوانس دے دیا گیا ہے تو پھر وہ بے کار باتیں کیوں بناتی ہیں۔ مسز ڈی سلوا کی پریشانی کم نہ ہوئی۔ بات یہ تھی کہ اس کا خاوند دفتر سے دو دفعہ چھٹی لے چکا تھا۔ بڑے صاحب سے لے کر چپراسی تک سب کو معلوم تھا کہ بچہ ہونے والا ہے۔ اب وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا تھا۔ اسی طرح محلے میں سب کو معلوم تھا کہ مسزڈی سلوا دو بار ہسپتال جا کر واپس آچکی ہے۔ کئی عورتیں اس کے پاس آچکی تھیں اور ان سب کو فرداً فرداً اسے بتانا پڑا تھا کہ بچہ ابھی تک پیدا کیوں نہیں ہُوا۔ ہر ایک سے اس نے جھوٹ بولا تھا۔ وہ ایک پکی کرسچین عورت تھی، جھوٹ بولنے پر اسے سخت روحانی تکلیف ہوتی تھی۔ مگر کیا کرتی مجبور تھی۔ ساتویں روز جب میں دوپہر کا کھاناکھانے کے بعد پلنگ پر لیٹ کر قریب قریب سو چکی تھی۔ دفعتاً میرے کانوں میں بچے کے رونے کی آواز آئی۔ یہ کیا؟۔ دوڑ کر میں نے دروازہ کھولا۔ سامنے فلیٹ سے مسز ڈی سلوا کا نوکر گھبرایا ہوا باہر نکل رہا تھا۔ اس کا رنگ فق تھا۔ کہنے لگا۔ میم صاحب، بے بی۔ میم صاحب بی بی۔ میں نے اندر جا کر دیکھا تو مسز ڈی سلوا نیم مدہوشی کی حالت میں پڑی تھی، بے چاری نے اب مزید ندامت کے خوف سے وہیں بچہ جن دیا تھا۔

سعادت حسن منٹو

مسز گل

میں نے جب اُس عورت کو پہلی مرتبہ دیکھا تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میں نے لیموں نچوڑ نے والا کھٹکا دیکھا ہے۔ بہت دُبلی پتلی، لیکن بلا کی تیز۔ اس کا سارا جسم سوائے آنکھوں کے انتہائی غیر نسوانی تھا۔ یہ آنکھیں بڑی بڑی اور سرمئی تھیں جن میں شرارت، دغا بازی اور فریب کاری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ میری اس کی ملاقات اُونچی سوسائٹی کی ایک خاتون کے گھر میں ہوئی جو پچپن برس کی عمر میں ایک جواں سال مرد سے شادی کے مرحلے طے کر رہی تھی۔ اس خاتون سے جس کو میں اپنی اور آپ کی سہولت کی خاطر مسز گُل کہوں گا میرے بڑے بے تکلف مراسم تھے۔ مجھے ان کی ساری خامیوں کا علم تھا اور انھیں میری چند کا۔ بہر حال ہم دونوں ایک دوسرے سے ملتے اور گھنٹوں باتیں کرتے رہتے۔ مجھ سے انھیں صرف اتنی دلچسپی تھی کہ انھیں افسانے پڑھنے کا شوق تھا اور میرے لکھے ہوئے افسانے ان کو خاص طور پر پسند آتے تھے۔ میں نے جب اس عورت کو جو صرف اپنی آنکھوں کی وجہ سے عورت کہلائے جانے کی مستحق تھی مسز گُل کے فلیٹ میں دیکھا تو مجھے یہ ڈر محسوس ہوا کہ وہ میری زندگی کا سارا رس ایک دو باتوں ہی میں نچوڑ لے گی لیکن تھوڑے عرصے کے بعد یہ خوف دُور ہو گیا اور میں نے اس سے باتیں شروع کر دیں۔ مسز گل کے متعلق میرے جو خیالات پہلے تھے سو اب بھی ہیں۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ تین شادیاں کرنے کے بعد چوتھی شادی ضرور کریں گی۔ اس کے بعد شاید پانچویں بھی کریں اگر عمر نے اُن سے وفا کی مگر مجھے اس عورت کا جس کا میں اُوپر ذکر کر چکا ہوں ان سے کوئی رشتہ سمجھ میں نہ آسکا۔ میں اب اس عورت کا نام بھی آپ کو بتا دوں۔ مسز گُل نے اُسے رضیہ کہہ کر پکارا تھا۔ اس کا لباس عام نوکرانیوں کا سا نہیں تھا۔ لیکن مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ مسز گل کے مزارعوں کی کوئی بہو بیٹی ہے جو ان کی خدمت کے لیے کبھی کبھار آ جایا کرتی ہے۔ یہ خدمت کیا تھی اس کے متعلق مجھے پہلے کوئی علم نہیں تھا۔ رضیہ کی آمد سے پہلے مسز گل کے ہاں بارہ تیرہ برس کی ایک لڑکی جمیلہ رہتی تھی۔ ان دنوں انھوں نے ایک پروفیسر سے شادی کر رکھی تھی۔ یہ پروفیسر جوان تھا۔ کم از کم مسز گل سے عمر میں پچیس برس چھوٹا۔ وہ جمیلہ کو بٹیا کہتے تھے اور اُس سے بڑا پیار کرتے تھے۔ یہ لڑکی بڑی پیاری تھی۔ رضیہ کی طرح دُبلی پتلی مگر اس کے جسم کا کوئی حصہ غیر نسوانی نہیں تھا اس کو دیکھ کر یہ معلوم ہوتا کہ وہ بہت جلد۔ معلوم نہیں اتنی جلد کیوں۔ جوان عورت میں تبدیل ہونے کی تیاریاں کررہی ہے۔ پروفیسر صاحب اُس کو اکثر اپنے پاس بُلاتے اور دوسرے تیسرے کام پر انعام کے طور پر اس کی پیشانی چومتے اور شاباشیاں دیتے۔ مسز گُل بہت خوش ہوتیں اس لیے کہ یہ لڑکی ان کی پروردہ تھی۔ میں بیمار ہو گیا۔ دو مہینے مری میں گزار کر جب واپس آیا تو معلوم ہوا کہ جمیلہ غائب ہے۔ شاید وہ مسز گل کی زمینوں پر واپس چلی گئی تھی۔ لیکن دو برس کے بعد میں نے اسے ایک ہوٹل میں دیکھا جہاں وہ چند عیش پرستوں کے ساتھ شراب پی رہی تھی۔ اُس وقت اس کو دیکھ کر میں نے محسوس کیا کہ اُس نے اپنی بلوغت (نِیم بلوغت کہنا زیادہ بہتر ہو گا) کا زمانہ بڑی افرا تفری میں طے کیا ہے جیسے کسی مہاجر نے فسادات کے دوران میں ہندوستان سے پاکستان کا سفر۔ میں نے اُس سے کوئی بات نہ کی اس لیے کہ جن کے ساتھ وہ بیٹھی تھی، میری جان پہچان کے نہیں تھے۔ نہ میں نے اس کا ذکر مسز گل سے کیا کیونکہ وہ جمیلہ کی اس حیرت ناک افتاد پر کوئی روشنی نہ ڈالتی۔ بات رضیہ کی ہو رہی تھی لیکن جمیلہ کا ذکر ضمناً آگیا۔ شاید اس لیے کہ اس کے بغیر مسز گل کے کردار کا عقبی منظر پورا نہ ہوتا۔ رضیہ سے جب میں نے باتیں شروع کیں تو اس کا لب و لہجہ اس کی آنکھوں کے مانند تیز فریب کار اور بے سبب رنج آشنا دشمن تھا۔ مجھے بالکل کوفت نہ ہوئی اس لیے کہ ہر نئی چیز میرے لیے دلچسپی کا باعث ہوتی ہے۔ عام طور پر میں کسی عورت سے بھی خواہ وہ کمترین تر ہو، بے تکلف نہیں ہوتا۔ لیکن رضیہ کی آنکھوں نے مجھے مجبو کر دیا کہ میں بھی اس سے چند شریر باتیں کہوں۔ خدا معلوم میں نے اس سے کیا بات کہی کہ اُس نے مجھے سے پوچھا

’’آپ کون ہیں؟‘‘

میں نے جوکہ شرارت پر تُلا بیٹھا تھا۔ مسز گُل کی موجودگی میں کہا آپ کا ہونے والا شوہر۔ ‘‘

وہ ایک لحظے کے لیے بھنا گئی مگر فوراً سنبھل کر مجھ سے مخاطب ہوئی

’’میرا کوئی شوہر اب تک زندہ نہیں رہا‘‘

میں نے کہا

’’کوئی حرج نہیں۔ خاکسار کافی عرصے تک زندہ رہنے کا وعدہ کرتا ہے بشرطیکہ آپ کو کوئی عذر نہ ہو‘‘

مسز گُل نے یہ چوٹیں پسند کیں اور ایک جھریوں والا قہقہ بلند کیا

’’سعادت تم کیسی باتیں کرتے ہو‘‘

میں نے جواباً مسز گُل سے کہا

’’مجھے آپ کی یہ خادمہ بھاگئی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اس کا قیمہ بنا کے کوفتے بناؤں جن میں کالی مرچ دھنیا اور پودینہ خوب رچا ہو۔ ‘‘

میری بات کاٹ دی گئی۔ رضیہ اُچک کر بولی

’’جناب۔ میں خود بڑی تیز مرچ ہوں۔ یہ کوفتے آپ کو ہضم نہیں ہوں گے۔ فساد مچادیں گے آپ کے معدے کے اندر‘‘

مسزگُل نے ایک اور جھریوں والا قہقہہ بلند کیا

’’سعادت ٗ تم بڑے شریر ہو ٗ لیکن یہ رضیہ بھی کسی طرح تم سے کم نہیں۔ ‘‘

مجھے چونکہ رضیہ کی بات کا جواب دینا تھا اس لیے میں نے مسز گل کے اس جملے کی طرف توجہ نہ دی اور کہا

’’رضیہ۔ میرا معدہ تم جیسی مرچوں کا بہت دیر کا عادی ہے‘‘

یہ سُن کر رضیہ خاموش ہو گئی۔ معلوم نہیں کیوں؟ اُس نے مجھے دھوئی ہوئی مگر سرمگین آنکھوں سے کچھ ایسے دیکھا کہ ایک لحظے کے لیے مجھے یوں محسوس ہوا کہ میری ساری زندگی دھوبنوں کے ہاں چلی گئی ہے۔ معلوم نہیں کیوں۔ لیکن اُس کو پہلی مرتبہ دیکھتے ہی میرے دل میں خواہش پیدا ہوئی تھی کہ میں اسے سڑکیں کوٹنے والا انجن بن کر ایسا دباؤں کہ چکنا چور ہو جائے۔ بلکہ اس کا سفوف بن جائے۔ یا میں اس کے سارے وجود کو اس طرح توڑوں مروڑوں اور پھر اس بھونڈے طریقوں سے جوڑوں کہ وہ کسی قدر نسوانیت اختیار کر لے مگر یہ خواہش صرف اس وقت پیدا ہوتی جب میں اُسے دیکھتا اُس کے بعد یہ غائب ہو جاتی۔ انسان کی خواہشات بالکل بلبلوں کے مانند ہوتی ہیں جو معلوم نہیں کیوں پیدا ہوتے ہیں اورکیوں پھٹ کر ہوا میں تحلیل ہو جاتے ہیں۔ مجھے رضیہ پر ترس بھی آتا تھا۔ اس لیے کہ اُس کی آنکھیں جوالا دہکتی رہتی تھی اور اُس کے مقابلے میں اُس کا جسم آتش فشاں پہاڑ نہیں تھا۔ ہڈیوں کا ڈھانچہ تھا۔ مگر ان ہڈیوں کو چبانے کے لیے کتوں کے دانتوں کی ضرورت تھی۔ ایک دن اُس سے میری ملاقات مسز گُل کے فلیٹ کے باہر ہوئی جب کہ میں اندر جارہا تھا۔ وہ ہمارے محلے کی جوان بھنگن کے ساتھ کھڑی باتیں کررہی تھی۔ میں جب وہاں سے گزرنے لگا تو شرارت کے طور پر میں نے اُس کی شریر آنکھوں میں اپنی آنکھیں (معلوم نہیں میری آنکھیں کس قسم ہیں ) ڈال کر بڑے عاشقانہ انداز میں پوچھا

’’کہو بادشاؤ کیا ہو رہا ہے۔ ‘‘

بھنگن کی گود میں اس کا پلوٹھی کا لڑکا تھا۔ اُس کی طرف دیکھ کر رضیہ نے مجھ سے کہا

’’کوئی چیز کھانے کے لیے مانگتا ہے‘‘

میں نے اس سے کہا :

’’چند بوٹیاں تمہارے جسم پر ابھی تک موجود ہیں۔ دے دو اسے‘‘

میں نے پہلی بار اُس کے دھوئے دیدوں میں عجیب و غریب قسم کی جھلک دیکھی جسے میں سمجھ نہ سکا۔ مسز گُل کے ہاں ان دنوں جیسا کہ میں بیان کر چکا ہوں ایک نئے نوجوان کی آمد و رفت تھی اس لیے کہ وہ پروفیسر سے طلاق لے چکی تھیں۔ یہ صاحب ریلوے میں ملازم تھے اور ان کا نام شفیق اللہ تھا۔ آپ کو دمے کی شکایت تھی اور مسز گل ہر وقت ان کے علاج و معالجے میں مصروف رہتیں۔ کبھی ان کو ٹکیاں دیتیں۔ کبھی انجکشن لگوانے کے لیے ڈاکٹر کے پاس لے جاتیں۔ کبھی ان کے گلے میں دوائی لگائی جاتی۔ جہاں تک میں سمجھتا ہوں وہ اس عارضے میں گرفتار نہیں تھا۔ ہوسکتا ہے کہ اس کو کبھی نزلہ زکام ہوا ہو یا شاید کھانسی بھی آئی ہو۔ لیکن یہ مسز گل کا کمال تھا کہ اس غریب کو یقین ہو گیا تھا کہ اس کو دمے کا عارضہ ہے۔ ایک دن میں نے اُس سے کہا

’’حضرت ٗ آپ کو یہ مرض تو بہت اچھا لگا۔ اس لیے کہ یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ آپ کبھی مر نہیں سکتے‘‘

یہ سُن کر وہ حیران ہو گیا

’’آپ کیسے کہتے ہیں کہ یہ مرض اچھا ہے‘‘

میں نے جواب دیا

’’ڈاکٹروں کا یہ کہنا ہے کے دمے کا مریض مرنے کا نام ہی نہیں لیتا۔ میں نہیں بتا سکتا کیوں۔ آپ ڈاکٹروں سے مشورہ کرسکتے ہیں‘‘

رضیہ موجود تھی اُس نے شریر کنکھیوں سے مجھے بہت گھور کے دیکھا۔ پھر اس کی نگاہیں اپنی مالکہ مسز گُل کی طرف مڑیں اور اس سے کچھ بھی نہ کہہ سکیں۔ شفیق اللہ نرا کھرا چغد بنا بیٹھا تھا اُس نے ایک مرتبہ زخمی آنکھوں سے رضیہ کی طرف دیکھا اور وہ کُڑک مُرغی کی طرح ایک طرف دبک کے بیٹھ گئی۔ میں نے محسوس کیا کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ دبلی ہو گئی ہے، لیکن اس کی آنکھیں بڑی متحرک تھیں۔ ان میں سُرمے کی قدرتی تحریر زیادہ گہری ہو گئی تھی۔ شفیق اللہ دن بہ دن زرد ہوتا گیا۔ اس کو دمے کے علاج کے لیے دوائیں برابر مل رہی تھیں۔ ایک دن میں نے مسز گُل کے ہاتھ سے گولیوں کی بوتل لی اور ایک کیپسول نکال کر اپنے پاس رکھ لی۔ شام کو اپنے جاننے والے ایک ڈاکٹر کو دکھائی تو اُس نے ایک گھنٹے کے بعد کیمیاوی تجزیہ کرنے کے بعد بتایا کہ یہ دوا دمے ومے کے لیے نہیں ہے بلکہ نشہ آور ہے یعنی مارفیا ہے۔ میں نے دوسرے روز شفیق اللہ سے اُس وقت جب کہ وہ مسز گُل سے یہی کیپسول لے کر پانی کے ساتھ نگل رہا تھا تو میں نے اُس سے کہا

’’یہ آپ کیا کھاتے ہیں‘‘

اس نے جواب دیا

’’دمے کی دوا ہے‘‘

’’یہ تو مارفیا ہے‘‘

مسز گُل کے ہاتھ سے، پانی کا گلاس جو اس نے شفیق اللہ کے ہاتھ سے واپس لیا تھا گرتے گرتے بچا۔ بڑے جھریوں آمیز غصے سے اُنھوں نے میری طرف دیکھ کر کہا کیا کہہ رہے ہو سعادت‘‘

میں ان سے مخاطب نہ ہوا اور شفیق اللہ سے اپنا سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا

’’جناب، یہ مارفیا ہے۔ آپ کو اگر اس کی عادت ہو گئی تو مصیبت پڑ جائے گی‘‘

شفیق اللہ نے بڑی حیرت سے پوچھا

’’میں آپ کا مطلب نہیں سمجھا‘‘

مسز گُل کے تیوروں سے مجھے معلوم ہوا کہ وہ ناراض ہو گئی ہیں اور میری یہ گفتگو پسند نہیں کرتیں۔ رضیہ خاموش ایک کونے میں مسز گُل کے لیے حقہ تیار کررہی تھی، لیکن اس کے کان ہماری گفتگو کے ساتھ چپکے ہوئے تھے ایسے کان جو بڑی ناخوشگوار موسیقی سننے کے لیے مجبور ہوں۔ مسز گُل اس دوران میں بڑی تیزی سے چار الائچیاں دانتوں کے نیچے یکے بعد دیگر دبائیں اور انھیں بڑی بے رحمی سے چباتے ہوئے مجھ سے کہا

’’سعادت، تم بعض اوقات بڑی بے ہودہ باتیں کر دیتے ہو۔ یہ کیپسول مارفیا کے کیسے ہوسکتے ہیں‘‘

میں خاموش ہو رہا۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ مارفیا کا انجکشن دیا جاتا ہے۔ میرے ڈاکٹر دوست کا تجزیہ غلط تھا۔ وہ کوئی اور دوا تھی لیکن تھی نشہ آور۔ میں پھر بیمار ہوا اور راولپنڈی کے ہسپتال میں داخل ہو گیا۔ جب مجھے ذرا افاقہ ہوا تو میں نے اِدھر اُدھر گھومنا شروع کیا۔ ایک دن مجھے معلوم ہوا کہ ایک آدمی شفیق اللہ کی حالت بہت نازک ہے۔ میں اس کے وارڈ میں پہنچا مگر یہ وہ شفیق اللہ نہیں تھاجسے میں جانتا تھا۔ اس نے دھتورا کھایا ہوا تھا۔ چند روز کے بعد اتفاقاً مجھے ایک اور وارڈ میں جانا پڑا جہاں میرا ایک دوست یرقان میں مبتلا تھا۔ میں جب اس وارڈ میں داخل ہوا تو میں نے دیکھا کہ ایک بستر کے ارد گرد کئی ڈاکٹر جمع ہیں قریب گیا تو مجھے معلوم ہوا کہ قریب المرگ مریض شفیق اللہ ہے۔ اُس نے مجھے اپنی بجھتی ہوئی آنکھوں سے دیکھا اور بڑی نحیف آواز میں کہا

’’سعادت صاحب‘‘

ذرا میرے پاس آئیے۔ میں آپ سے کچھ کہنا چاہتا ہوں‘‘

میں نے اپنے قریب قریب بہرے کان اس کی آواز سننے کے لیے تیار کر دئیے۔ وہ کہہ رہا تھا

’’میں۔ میں مر رہا ہوں آپ سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ ہر۔ ہر ایک کو خبر دار کردیجیے کہ وہ مسز گل سے بچا رہے۔ بڑی خطرناک عورت ہے‘‘

اس کے بعد وہ چند لمحات کے لیے خاموش ہو گیا۔ ڈاکٹر نہیں چاہتے تھے کہ وہ کوئی بات کرے لیکن وہ معمر تھا چنانچہ اُس نے بڑی مشکل سے یہ الفاظ ادا کیے

’’رضیہ مرگئی ہے۔ بے چاری رضیہ۔ اس غریب کے سپرد یہی کام تھا کہ وہ آہستہ آہستہ مرے۔ مسز۔ مسزگُل، اُس سے وہی کام لیتی تھی جو آدمی کوئلوں سے لیتا ہے۔ مگر وہ اُن کی آگ سے دوسروں کو گرمی پہنچاتی تھی تاکہ۔ ‘‘

وہ اپنا جملہ مکمل نہ کرسکا۔ سعادت حسن منٹو ۸۔ مئی۔ ۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

مس ٹین والا

اپنے سفید جوتوں پر پالش کررہا تھا کہ میری بیوی نے کہا۔

’’زیدی صاحب آئے ہیں!‘‘

میں نے جوتے اپنی بیوی کے حوالے کیے اور ہاتھ دھو کر دوسرے کمرے میں چلا آیا جہاں زیدی بیٹھا تھا میں نے اس کی طرف غورسے دیکھا۔

’’ارے ! کیا ہو گیا ہے تمہیں؟‘‘

زیدی نے اپنے چہرے کو شگفتہ بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے جوا ب دیا۔

’’بیمار رہا ہوں۔ ‘‘

میں اس کے پاس کرسی پر بیٹھ گیا۔

’’بہت دُبلے ہو گئے ہو یار۔ میں نے تو پہلے پہچانا ہی نہیں تھا تمہیں۔ کیا بیماری تھی؟‘‘

’’معلوم نہیں۔ ‘‘

’’کیا مطلب؟‘‘

زیدی نے اپنے خشک ہونٹوں پر زبان پھیری۔

’’کچھ سمجھ میں نہیں آتا، کیا بیماری ہے؟‘‘

’’ہاں کچھ ایسا ہی ہے۔ ‘‘

’’کسی اچھے ڈاکٹر کو دکھانا تھا۔ ‘‘

زیدی خاموش رہا تو میں نے پھر اس سے کہا۔

’’کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ لیا؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

زیدی پھر خاموش رہا۔ جواب دینے کے بجائے اس نے جیب سے سگریٹ کیس نکالا۔ اس کی اُنگلیاں کانپ رہی تھیں۔

’’میرا خیال ہے زیدی !تمہارا نروس سسٹم خراب ہو گیا ہے وٹامن بی کے انجکشن لگانا شروع کردو، بالکل ٹھیک ہو جاؤ گے۔ پچھلے برس زیادہ وسکی پینے سے میرا یہی حال ہو گیا تھا، لیکن بارہ انجکشن لینے سے کمزوری دُور ہو گئی تھی۔ مگر تم کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کیوں نہیں لیتے؟‘‘

زیدی نے اپنا چشمہ اُتار کررومال سے صاف کرنا شروع کردیا۔ اس کی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے پڑے ہُوئے تھے۔ میں نے پوچھا۔

’’کیا رات کو نیند نہیں آتی؟‘‘

’’بہت کم۔ ‘‘

’’دماغ میں خشکی ہو گی!‘‘

’’جانے کیا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ ایک دم سنجیدہ ہو گیا۔

’’دیکھو سعادت میں تمہیں ایک عجیب و غریب بات بتانے آیا ہوں۔ مجھے بیماری ویماری کچھ نہیں۔ رات کو نیند اس لیے نہیں آتی کہ میں ڈرتا رہتا ہوں۔ ‘‘

’’ڈرتے رہتے ہو۔ کیوں؟‘‘

’’بتاتا ہُوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے کانپتے ہاتھوں سے سگریٹ سُلگایا اور بجھی ہوئی تیلی کو توڑنا شروع کردیا۔

’’مجھے معلوم نہیں سُن کر تم کیا کہو گے۔ مگر یہ واقعہ یہ، بلے سے۔ ‘‘

میں شاید مسکرا دیا تھا کیونکہ زیدی نے فوراً ہی بڑی سنجیدگی کے ساتھ کہا۔

’’ہنسو نہیں۔ یہ حقیقت ہے۔ میں تمہارے پاس اس لیے آیا ہوں کہ انسانی نفسیات سے تمہیں دلچسپی کافی ہے۔ شاید تم میرے ڈر کی وجہ بتا سکو۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’لیکن یہاں تو سوال ایک حیوان کا ہے۔ ‘‘

زیدی خفا ہو گیا۔

’’تم مذاق اُڑاتے ہوتو میں کچھ نہیں کہوں گا۔ ‘‘

’’نہیں نہیں زیدی! مجھے معاف کردو۔ میں پوری توجہ سے سُنوں گا، جو تم کہو گے۔ ‘‘

تھوڑی دیر خاموش رہنے اور نیا سگریٹ سلگانے کے بعد اس نے کہنا شروع کیا۔

’’تمہیں معلوم ہے جہاں میں رہتا ہوں، دو کمرے ہیں پہلے کمرے کے اس طرف چھوٹی سی بالکنی ہے جس کے کٹہرے میں لوہے کی سلاخیں لگی ہیں۔ اپریل اور مئی کے دو مہینے چونکہ بہت گرم ہوتے ہیں اس لیے فرش پر بستر بچھا کر میں اس بالکنی میں سویا کرتا ہُوں۔ یہ جون کا مہینہ ہے۔ اپریل کی بات ہے میں صبح ناشتے سے فارغ ہو کر دفتر جانے کے لیے باہر نکلا دروازہ کھولا تو دہلیز کے پاس ایک موٹا بِلّا آنکھیں بند کیے لیٹا نظر آیا۔ میں نے جوتے سے اسے ٹہوکا دیا۔ اس نے ایک لحظے کے لیے آنکھیں کھولیں۔ میری طرف بے پروائی سے، جیسے میں کچھ بھی نہیں، دیکھا اور آنکھیں بند کرلیں۔ مجھے بڑا تعجب ہُوا چنانچہ میں نے بڑے زور سے اس کے ٹھوکر ماری۔ اس نے آنکھیں کھولیں۔ میری طرف پھر اسی نظر سے دیکھا اور اُٹھ کر کچھ دُور سیڑھیوں کے پاس لیٹ گیا۔ جس انداز سے اس نے چند قدم اُٹھائے تھے، اس سے یہ معلوم ہوتا تھا کہ وہ مجھ سے مرعوب نہیں ہُوا۔ مجھے سخت غصّہ آیا۔ آگے بڑھ کر اب کی میں نے زور سے ٹھوکر ماری۔ دس پندرہ زینوں پر وہ لڑکھڑاتا ہوا چلا گیا۔ جب چار پیروں پر سنبھلا تو اس نے نیچے سے اپنی پیلی پیلی آنکھوں سے میری طرف دیکھا اور گردن موڑ کر کوئی آواز پیدا کیے بغیر ایک طرف چلا گیا۔ تم دلچسپی لے رہے ہو یا نہیں؟‘‘

’’ہاں ہاں، کیوں نہیں!‘‘

زیدی نے سگریٹ کی راکھ جھاڑی اور سلسلہ کلام جاری کیا۔

’’دفتر پہنچ کر میں سب کچھ بھول گیا لیکن شام کو جب گھر لوٹا اور کمرے کی دہلیز کے پاس پہنچا جہاں وہ بِلّا لیٹا ہُوا تھا تو صبح کا واقعہ دماغ میں تازہ ہو گیا۔ نہاتے، چائے پیتے، رات کا کھانا کھاتے کئی دفعہ میں نے سوچا۔ تین دفعہ میں نے اس کی پسلیوں میں زور سے ٹھوکرماری، مجھ سے وہ ڈرا کیوں نہیں؟ میاؤں تک بھی نہ کی اس نے اور پھر کیا انداز تھا اس کے چلنے، آنکھیں بند کرنے اور کھولنے کا ایسا لگتا تھا جیسے اسے کچھ پروا ہی نہیں۔ جب میں ضرورت سے زیادہ اس بلے کے بارے میں سوچنے لگا تو بڑی الجھن ہوئی۔ ایک معمولی سے حیوان کو اتنی اہمیت آخر میں کیوں دے رہا تھا، اس کا جواب نہ مجھے اس وقت ملا اور نہ اب، حالانکہ پورے تین مہینے گزر چکے ہیں۔ ‘‘

اس قدر کہہ کر زیدی خاموش ہو گیا۔ میں نے پوچھا۔

’’بس!‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

زیدی نے سگریٹ کو ایش ٹرے پر رکھتے ہوئے کہا۔

’’میں صرف تم سے یہ کہہ رہا تھا کہ اس بِلّے کو میں نے اتنی اہمیت کیوں دی ہے، میں اتنا خوف کیوں کھاتا ہُوں۔ یہ معما ابھی تک مجھ سے حل نہیں ہوسکا۔ شاید تم مجھ سے بہتر سوچ سکو۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’مجھے پورے واقعات معلوم ہونے چاہئیں۔ ‘‘

زیدی نے ایش ٹرے پر سے سگریٹ اُٹھایا اور ایک کش لے کر کہا۔

’’میں بتا رہا ہوں۔ اس روز کے بعد کئی دن گزر گئے مگر وہ بلا نظر نہ آیا۔ شاید ہفتے کی رات تھی۔ میں باہر بالکنی میں سورہا تھا۔ دو بجے کے قریب کمرے میں کچھ شور ہوا جس سے میری نیند کھل گئی۔ اٹھ کر روشنی کی تو میں نے دیکھا کہ وہی بِلا کھانے والی میز پر کھڑا ڈش کا سر پوش اُتار کر پڈنگ کھا رہا ہے۔ میں نے شُش، شُش کی مگر وہ اپنے کام میں مصروف رہا۔ میری طرف اس نے بالکل نہ دیکھا۔ میں نے چپل کا ایک پیر اٹھایا اور نشانہ تان کر زور سے مارا۔ چپل اس کے پیٹ پر لگا مگر وہ اس چوٹ سے بے پروا پڈنگ کھاتا رہا۔ میں نے غصے میں آکر مسہری کا ڈنڈا اٹھایا اور پاس جا کر اس کی پیٹھ پر مارا۔ اس نے اور زیادہ بے پروائی سے میری طرف دیکھا۔ بڑے آرام سے کرسی پر کودا۔ آواز پیدا کیے بغیر فرش پر اُترا اور آہستہ آہستہ ٹہلتا بالکنی کے کٹہرے کی سلاخوں میں سے نکل کر چھجے پر کود گیا۔ میں حیران وہیں کھڑا رہا اور سوچنے لگا یہ کیسا حیوان ہے جس پر مار کا کچھ اثر ہی نہیں ہوا۔ سعادت! میں تم سے سچ کہتا ہوں بڑا خوفناک بلا ہے۔ یہ موٹا سر، رنگ سفید ہے، لیکن اکثر میلا رہتا ہے۔ میں نے ایسا غلیظ بلا اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔ ‘‘

زیدی نے ایش ٹرے میں سگریٹ بُجھایا اور خاموش ہو گیا۔ میں نے کہا۔

’’بِلّے بِلّیاں تو خود کو بہت صاف ستھرا رکھتے ہیں۔ ‘‘

’’رکھتے ہیں۔ ‘‘

زیدی اٹھ کھڑا ہوا۔

’’لیکن یہ بلا شاید جان بوجھ کر خود کو غلیظ رکھتا ہے۔ لیٹتا ہے کوڑے کرکٹ کے پاس۔ کان سے لہو بہہ رہا ہے پر مجال ہے، اسے چاٹ کرصاف کرے۔ سر پھٹا ہوا ہے، پر اسے کچھ ہوش نہیں۔ بس، سارا دن مارا مارا پھرتا ہے۔ ‘‘

میں نے پوچھا:

’’لیکن اس میں خوف کھانے کی کیا بات ہے؟‘‘

زیدی بیٹھ گیا:

’’یہی تو میں خود دریافت کرنا چاہتا ہُوں۔ ڈر کی یوں تو ایک وجہ ہو بھی سکتی ہے۔ وہ یہ کہ دس پندرہ راتیں متواتر وہ مجھے جگاتا رہا۔ مجھ سے ہر دفعہ اس نے مار کھائی۔ بہت بری طرح پٹا۔ چاہیے تو یہ تھا کہ وہ میرے گھر کا رخ نہ کرتا کیونکہ آخرحیوانوں میں بھی عقل ہوتی ہے۔ میں سوچنے لگا کہ کسی روز ایسا نہ ہو مجھ پر جھپٹ پڑے اور آنکھ وانکھ نوچ لے۔ سُننے میں آیا ہے کہ اگر کسی بلے یا بلی کو گھیر کر مارا جائے تو وہ ضرور حملہ کرتے ہیں۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’ڈرنے کی یہ وجہ تو معقول ہے۔ ‘‘

زیدی پھر اُٹھ کھڑا ہُوا۔

’’لیکن اس سے میری تسکین نہیں ہوتی۔ ‘‘

میرے دماغ میں ایک خیال آیا۔

’’تم اس کے ساتھ محبت پیار سے تو پیش آکر دیکھو۔ ‘‘

’’میں ایسا کر چکا ہوں۔ میرا خیال تھا اس قدر پٹنے پر وہ ہاتھ بھی نہیں لگانے دے گا۔ لیکن معاملہ بالکل اس کے برعکس نکلا۔ برعکس بھی نہیں کہنا چاہیے کیونکہ اس نے میرے پیار کی بالکل پروا نہ کی۔ ایک روز میں صوفے پر بیٹھا ہوا تھا کہ وہ پاس آکر فرش پر بیٹھ گیا۔ میں نے ڈرتے ڈرتے اس کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ اس نے آنکھیں میچ لیں۔ یہ بڑھا ہوا ہاتھ میں نے اس کی پیٹھ پر آہستہ آہستہ پھیرنا شروع کیا۔ سعادت، تم یقین کرو وہ ویسے کا ویسا آنکھیں بند کیے بیٹھا رہا۔ پیار کا جواب بلے بلیاں اکثر دُم ہلا کر دیتے ہیں لیکن اس کم بخت کی دُم کا ایک بال بھی نہ ہلا۔ میں نے تنگ آکر اس کے سر پر کتاب دے ماری چوٹ کھا کر وہ اُٹھا۔ بڑی بے پروائی، ایک نہایت ہی دل شکن بے اعتنائی سے میری طرف پیلی پیلی آنکھوں سے دیکھا اور بالکنی کے کٹہرے کی سلاخوں میں سے نکل کر چھجے پر کود گیا۔ بس اس دن سے چوبیس گھنٹے وہ میرے دماغ میں رہنے لگا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر زیدی میرے سامنے والی کرسی پر بیٹھ گیا اور زور زور سے اپنی ٹانگ ہلانے لگا۔ میں نے صرف اتنا کہا۔

’’کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ ‘‘

لیکن اتنا ضرور سمجھ میں آتا تھاکہ زیدی کا خوف بے بنیاد نہیں۔ زیدی دانتوں سے ناخن کاٹنے لگا۔

’’میری سمجھ میں بھی کچھ نہیں آتا۔ یہی وجہ ہے کہ میں تمہارے پاس آیا۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اُٹھا اور کمرے میں ٹہلنے لگا۔ تھوڑی دیر کے بعد رکا اور ایش ٹرے میں بجھی ہوئی دیا سلائی اُٹھا کر اس کے ٹکڑے کرنے لگا۔

’’اب یہ حالت ہو گئی ہے کہ رات بھر جاگتا رہتا ہوں۔ ذرا سی آہٹ ہوتی ہے تو سمجھتا ہوں وہی بلا ہے۔ لیکن آٹھ روز سے وہ کہیں غائب ہے۔ معلوم نہیں کسی نے مار ڈالا ہے، بیمار ہے یا کہیں اور چلا گیا ہے۔ ‘‘

میں نے کا۔

’’تم کیوں سوچتے ہو۔ اچھا ہے جو غائب ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’معلوم نہیں کیوں سوچتا ہوں۔ کوشش کرتا ہوں کہ اس کم بخت کو بھول جاؤں مگر دماغ میں سے نکلتا ہی نہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ صوفے پر سر کے نیچے گدی رکھ کر لیٹ گیا۔

’’عجیب ہی قصّہ ہے کوئی اور سنے تو ہنسے کہ ایک بلے نے میری یہ حالت کردی ہے۔ بعض اوقات مجھے خود ہنسی آتی ہے۔ لیکن یہ ہنسی کتنی تکلیف دہ ہوتی ہے۔ ‘‘

زیدی نے یہ کہا اور مجھے احساس ہوا کہ واقعی اپنی بے بسی پر ہنستے ہوئے اسے بہت تکلیف ہوتی ہو گی جو کچھ اس نے بیان کیا تھا، بظاہر مضحکہ خیز تھا۔ لیکن یہ بالکل واضح تھا کہ اس بلے کے وجود میں زیدی کی زندگی کا کوئی بہت ہی اذیت دہ لمحہ پوشیدہ تھا۔ ایسا لمحہ جو اسے اب بالکل یاد نہیں تھا۔ چنانچہ میں نے اس سے کہا۔

’’زیدی تمہارے ماضی میں کوئی ایسا حادثہ تو نہیں جس سے تم اس بلے کو متعلق کرسکو۔ میرا مطلب ہے کوئی ایسی چیز، کوئی ایسا واقعہ جس سے تم نے خوف کھایا ہو اور اس چیز یا واقعے کی شباہت اس بلے سے ملتی ہو؟‘‘

یہ کہہ کر میں نے سوچا کہ واقعے کی شباہت بلے سے کیسے مل سکتی ہے۔ زیدی نے جوا ب دیا۔

’’میں اس پر بھی غور کر چکا ہوں۔ میرے حافظے میں ایسا کوئی واقعہ یا ایسی کوئی چیز نہیں۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’ممکن ہے کبھی یاد آجائے۔ ‘‘

’’ایسا ہو سکتا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر زیدی صوفے پر سے اُٹھا۔ چند منٹ ادھر ادھر کی باتیں کیں اور مجھے اور میری بیوی کو اتوار کی دعوت دے کر چلا گیا۔ اتوار کو میں اور میری بیوی سنٹا کروز گئے۔ میں نے شاید آپ کو پہلے نہیں بتایا۔ زیدی میرا پرانا دوست ہے۔ انٹرنس تک ہم دونوں ایک ہی اسکول میں تھے۔ کالج میں بھی ہم دو برس ایک ساتھ رہے۔ میں فیل ہو گیا اور وہ ایف اے پاس کرکے امرتسر چھوڑ کر لاہور چلا گیا جہاں اس نے ایم اے کیا اور چار پانچ برس بے کار رہنے کے بعد بمبئی چلا آیا۔ یہاں وہ ایک برس سے جہازوں کی ایک کمپنی میں ملازم تھا۔ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد۔ ہم دیر تک نئے اور پرانے فلموں کے متعلق باتیں کرتے رہے۔ زیدی کی بیوی اور میری بیوی، دونوں

’’بہت فلم دیکھو‘‘

قسم کی عورتیں ہیں، چنانچہ اس گفتگو میں زیادہ حصّہ انہی کا تھا۔ دونوں اُٹھ کر دوسرے کمرے میں جانے ہی والی تھیں کہ بالکنی کے کٹہرے کی سلاخوں سے ایک موٹا بلا اندر داخل ہوا۔ میں نے اور زیدی نے بیک وقت اس کی طرف دیکھا۔ زیدی کے چہرے سے مجھے معلوم ہو گیا کہ یہ وہی بلا ہے۔ میں نے غور سے اس کی طرف دیکھا۔ سر پر کانوں کے پاس ایک گہرا زخم تھا جس پر ہلدی لگی ہوئی تھی۔ بال بے حد میلے تھے۔ چال میں جیسا کہ زیدی نے کہا تھا کہ ایک عجیب قسم کی بے پروائی تھی۔ ہم چار آدمی کمرے میں موجود تھے مگر اس نے کسی کی طرف بھی آنکھ اٹھا کر نہ دیکھا۔ جب میری بیوی کے پاس سے گزرا تووہ چیخ اٹھی۔

’’یہ کیسا بلا ہے۔ سعادت صاحب۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

میری بیوی نے جواب دیا۔

’’پورا بدمعاش لگتا ہے۔ ‘‘

زیدی نے بوکھلا کر کہا۔

’’بدمعاش‘‘

میری بیوی شرما گئی۔

’’جی ہاں، ایسا ہی لگتا ہے۔ ‘‘

زیدی کچھ سوچنے لگا۔ دونوں عورتیں دوسرے کمرے میں چلی گئیں۔ تھوڑی دیر کے بعد زیدی اٹھا

’’سعادت، ذرا ادھر آؤ۔ ‘‘

مجھے بالکنی میں لے جا کر اس نے کہا۔

’’معمہ حل ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’کیسے؟‘‘

’’تمہاری بیوی نے حل کردیا ہے۔ تم بھی سوچو کیا اس بلے کی شکل مس ٹین والے سے نہیں ملتی؟‘‘

’’مس ٹین والے سے‘‘

’’ہاں ہاں۔ اُس بدمعاش سے جو ہمارے اسکول کے باہر بیٹھا رہتا تھا۔ مصطفےٰ جسے مس ٹین والا کہا کرتے تھے۔ ‘‘

مجھے یاد آگیا۔ زیدی پر جو لڑکپن میں بہت خوبصورت تھا۔ مس ٹین والے کی خاص نظر تھی۔ لیکن میں سوچنے لگا بلے سے اس کی شکل کیسے ملتی ہے۔ نہیں ملتی تھی، اس کی چال میں بھی کچھ ایسے ہی بے پروائی تھی۔ سر اکثر پھٹا رہتا تھا۔ کئی دفعہ ہیڈماسٹر صاحب نے اسے لوگوں سے پٹوایا کہ وہ اسکول کے دروازے کے پاس نہ کھڑا رہا کرئے، مگر اس کے کان پر جوں تک نہ رینگتی۔ ایک لڑکے کے باپ نے اسے ہاکی سے اتنا مارا، اتنا مارا کہ لوگوں کا خیال تھا ہسپتال میں مر جائے گا، مگر دوسرے ہی روز وہ پھر اسکول کے گیٹ کے باہر موجود تھا۔ یہ سب باتیں ایک لحظے کے اندر اندر میرے دماغ میں اُبھریں میں نے زیدی سے کہا

’’تم ٹھیک کہتے ہو، مس ٹین والا بھی مار کھا کر خاموش رہا کرتا تھا۔ ‘‘

زیدی نے جواب نہ دیا، اس کے لیے وہ کچھ یاد کررہا تھا۔ چند لمحات خاموش رہنے کے بعد اس نے کہا۔

’’میں آٹھویں جماعت میں تھا۔ پڑھنے کے لیے ایک دفعہ اکیلا کمپنی باغ چلا گیا ایک درخت کے نیچے بیٹھا پڑھ رہا تھا کہ اچانک مس ٹین والا نمودار ہُوا۔ ہاتھ میں ایک خط تھا مجھ سے کہنے لگا۔

’’بابو جی، خط پڑھ دیجیے۔ ‘‘

میری جان ہوا ہو گئی۔ آس پاس کوئی بھی نہیں تھا۔ مس ٹین والے نے خط میری ران پر بچھا دیا۔ میں اُٹھ بھاگا۔ اس نے میرا پیچھا کیا۔ لیکن میں اس قدر تیز دوڑا کہ وہ بہت پیچھے رہ گیا۔ گھر پہنچتے ہی مجھے تیز بخار چڑھا۔ دو دن تک ہذیانی کیفیت رہی۔ میری والدہ کا خیال تھا کہ جس درخت کے نیچے میں پڑھنے کے لیے بیٹھا تھا۔ آسیب زدہ تھا۔ زیدی یہ کہہ ہی رہا تھا کہ بلا ہماری ٹانگوں میں سے گزر کر کٹہرے کی سلاخوں میں سے نکلا اور چھجے پر کود گیا۔ چھجے پر چند قدم چل کر اس نے مڑکر پیلی پیلی آنکھوں سے ہماری طرف اپنی مخصوص بے پروائی سے دیکھا۔ میں نے مسکرا کرکہا۔

’’مس ٹین والا!‘‘

زیدی جھینپ گیا۔

سعادت حسن منٹو

مِس مالا

گانے لکھنے والے عظیم گوبد پوری جب اے بی سی پروڈکشنر میں ملازم ہوا تو اس نے فوراً اپنے دوست میوزک ڈائریکٹر بھٹسا وے کے متعلق سوچا جو مرہٹہ تھا اور عظیم کے ساتھ کئی فلموں میں کام کر چکا تھا۔ عظیم اس کی اہلیتوں کو جانتا تھا۔ سٹنٹ فلموں میں آدمی اپنے جوہر کیا دکھا سکتا ہے، بے چارہ گمنامی کے گوشے میں پڑا تھا۔ عظیم نے چنانچہ اپنے سیٹھ سے بات کی اور کچھ اس انداز میں کی کہ اس نے بھٹساوے کو بلایا اور اس کے ساتھ ایک فلم کا کنٹریکٹ تین ہزار روپوں میں کرلیا۔ کنٹریکٹ پر دستخط کرتے ہی اسے پانچ سو روپے ملے جو اس نے اپنے قرض خواہوں کو ادا کردیے۔ عظیم گو بند پوری کا وہ بڑا شکر گزار تھا۔ چاہتا تھا کہ اس کی کوئی خدمت کرے، مگر اس نے سوچا، آدمی بے حد شریف ہے اور بے غرض۔ کوئی بات نہیں، آئندہ مہینے سہی۔ کیوں کہ ہر ماہ اسے پانچ سو روپے کنٹریکٹ کی رو سے ملنے تھے۔ اس نے عظیم سے کچھ نہ کہا۔ دونوں اپنے اپنے کام میں مشغول تھے۔ عظیم نے دس گانے لکھے جن میں سے سیٹھ نے چار پسند کیے۔ بھٹساوے نے موسیقی کے لحاظ سے صرف دو۔ ان کے اس نے عظیم کے اشتراک سے دھنیں تیار کیں جو بہت پسند کی گئیں۔ پندرہ بیس روز تک ریہرسلیں ہوتی رہیں۔ فلم کا پہلا گانا کورس تھا۔ اس کے لیے کم از کم دس گویا لڑکیاں درکار تھیں۔ پروڈکشن منیجر سے کہا گیا۔ مگر جب وہ انتظام نہ کرسکا تو بھٹساوے نے مس مالا کو بلایا جس کی آواز اچھی تھی۔ اس کے علاوہ وہ پانچ چھ اور لڑکیوں کو جانتی تھی جو سر میں گا لیتی تھی۔ مس مالا کھانڈیکر جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے کہ کولہا پور کی مرہٹہ تھی۔ دوسروں کے مقابلہ میں اس کا اردو کا تلفظ زیادہ صاف تھا۔ اس کو یہ زبان بولنے کا شوق تھا۔ عمر کی زیادہ بڑی نہیں تھی۔ لیکن اس کے چہرے کا ہر خدوخال اپنی جگہ پر پختہ۔ باتیں بھی اسی انداز میں کرتی کہ معلوم ہوتا اچھی خاصی عمر کی ہے، زندگی کے اتار چڑھاؤ سے باخبر ہے۔ اسٹوڈیو کے ہر کارکن کو بھائی جان کہتی اور ہر آنے والے سے بہت جلد گھل مل جاتی تھی۔ اس کو جب بھٹساوے نے بلایا تو وہ بہت خوش ہوئی۔ اس کے ذمے یہ کام سپرد کیا گیا کہ وہ فوراً کورس کے لیے دس گانے والی لڑکیاں مہیاکردے۔ وہ دوسرے روز ہی بارہ لڑکیاں لے آئی۔ بھٹساوے نے ان کا ٹیسٹ لیا۔ سات کام کی نکلیں۔ باقی رخصت کردی گئیں۔ اس نے سوچا کہ چلو ٹھیک ہے۔ سات ہی کافی ہے۔ جگتاپ ساؤنڈ ریکارڈسٹ سے مشورہ کیا، اس نے کہا کہ میں سب ٹھیک کرلوں گا۔ ایسی ریکارڈنگ کروں گا کہ لوگوں کو ایسا معلوم ہو گا بیس لڑکیاں گا رہی ہیں۔ جگتاپ اپنے فن کو سمجھتا تھا، چنانچہ اس نے ریکارڈنگ کے لیے ساؤنڈ پروف کمرے کے بجائے سازندوں اور گانے والیوں کو ایک ایسے کمرے میں بٹھایا جس کی دیواریں سخت تھیں، جن پر ایسا کوئی غلاف چڑھا ہوا نہیں تھا کہ آواز دب جائے۔ فلم

’’بے وفا‘‘

کا مہورت اسی کورس سے ہوا۔ سینکڑوں آدمی آئے۔ ان میں بڑے بڑے فلمی سیٹھ اور ڈسٹری بیوٹرز تھے۔ اے، بی، سی پروڈکشنز کے مالک نے بڑا اہتمام کیا ہوا تھا۔ پہلے گانے کی دو چار ریہرسلیں ہوئیں، مس مالا کھانڈیکر نے بھٹساوے کے ساتھ پورا تعاون کیا۔ سات لڑکیوں کو فرداً فرداً آگاہ کیا کہ خبردار رہیں اور کوئی مسئلہ پیدا نہ ہونے دیں۔ بھٹساوے پہلی ہی ریہرسل سے مطمئن تھا لیکن اس نے مزید اطمینان کی خاطر چند اور ریہرسلیں کرائیں، اس کے بعد جگتاپ سے کہا کہ وہ اپنا اطمینان کرلے، اس نے جب ساؤنڈ ٹریک میں یہ کورس پہلی مرتبہ ہیڈفون لگا کر سنا تو اس نے خوش ہوکربہت اونچا

’’اوکے‘‘

کہہ دیا۔ ہر ساز اور ہر آواز اپنے صحیح مقام پرتھی۔ مہمانوں کے لیے مائکرو فون کا انتظام کردیا گیا تھا۔ ریکاڈنگ شروع ہوئی تو اسے اون کردیا گیا۔ بھٹساوے کی آواز بھونپو سے نکلی۔ سونگ نمبر 1، ٹیک فرسٹ ریڈی، ون۔ ٹو۔ اور کورس شروع ہو گیا۔ بہت اچھی کمپوزیشن تھی۔ سات لڑکیوں میں سے کسی ایک نے بھی کہیں غلط سر نہ لگایا۔ مہمان بہت محظوظ ہوئے۔ سیٹھ، جوموسیقی کیا ہوتی ہے؟ اس سے بھی قطعاً نا آشنا تھا، بہت خوش ہوا، اس لیے کہ سارے مہمان اس کورس کی تعریف کررہے تھے۔ بھٹساوے نے سازندوں اور گانے والیوں کو شاباشیاں دیں۔ خاص طور پر اس نے مس مالا کا شکریہ ادا کیا جس نے اس کو اتنی جلدی گانے والیاں فراہم کردیں۔ اس کے بعد وہ جگتاپ ساؤنڈ ریکارڈسٹ سے گلے مل رہا تھا کہ اے، بی، سی پروڈکشنز کے مالک سیٹھ رنچھوڑ داس کا آدمی آیا کہ وہ اسے بلارہے ہیں، عظیم گوبندپوری کو بھی۔ دونوں بھاگے، اسٹوڈیو کے اس سرے پر گئے جہاں محفل جمی تھی۔ سیٹھ صاحب نے سب مہمانوں کے سامنے ایک سو روپے کا سبز نوٹ انعام کے طور پر پہلے بھٹساوے کو دیا۔ پھر دوسرا عظیم گوبندپوری کو، وہ مختصر سا باغیچہ جس میں مہمان بیٹھے تھے، تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔ جب مہورت کی یہ محفل برخواست ہوئی تو بھٹساوے نے عظیم سے کہا

’’مال پانی ہے چلو آؤٹ ڈور چلیں‘‘

عظیم اس کا مطلب نہ سمجھا۔

’’آؤٹ ڈور کہاں؟‘‘

بھٹساوے مسکرایا۔

’’مازے لگے(میرے لڑکے) موز شوک( موج شوق) کرنے جائیں گے۔ سو روپیہ تمہارے پاس ہے سو، ہمارے پاس۔ چلو‘‘

عظیم سمجھ گیا۔ لیکن وہ اس کے موز شوک سے ڈرتا تھا، اس کی بیوی تھی، دو چھوٹے چھوٹے بچے بھی، اس نے کبھی عیاشی نہیں کی تھی۔ مگر اس وقت وہ خوش تھا۔ اس نے اپنے دل سے کہا۔ چلورے۔ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے؟ بھٹساوے نے فوراً ٹیکسی منگوائی، دونوں اس میں بیٹھے اور گرانٹ روڈ پہنچے۔ عظیم نے پوچھا۔

’’ہم کہاں جارہے ہیں؟ بھٹساوے!‘‘

وہ مسکرایا۔

’’اپنی موسی کے گھر‘‘

اور جب وہ اپنی موسی کے گھر پہنچا تو وہ مس مالا کھانڈیکر کا گھر تھا۔ وہ ان دونوں سے بڑے تپاک کے ساتھ ملی، انھیں اندر اپنے کمرے میں لے گئی۔ ہوٹل سے چائے منگوا کر پلائی۔ بھٹساوے نے اس سے چائے پینے کے بعد کہا۔

’’ہم موز شوک کے لیے نکلے ہیں، تمہارے پاس۔ تم ہمارا کوئی بندوبست کرو۔ ‘‘

مالا سمجھ گئی وہ بھٹساوے کی احسان مند تھی۔ اس لیے اس نے فوراً مرہٹی زبان میں کہا جس کا یہ مطلب تھا کہ میں ہر خدمت کے لیے تیار ہوں۔ دراصل بھٹساوے عظیم کو خوش کرنا چاہتا تھا، اس لیے کہ اس نے اس کو ملازمت دلوائی تھی۔ چنانچہ بھٹساوے نے مس مالا سے کہا کہ وہ ایک لڑکی مہیا کردے۔ مس مالا نے اپنا میک اپ جلدی جلدی ٹھیک کیا اور تیار ہو گئی۔ سب ٹیکسی میں بیٹھے۔ پہلے مس مالا پلے بیک سنگر شانتا کرناکرن کے گھر گئی مگر وہ کسی اور کے ساتھ باہر جا چکی تھی۔ پھر وہ انسویا کے ہاں گئی۔ مگر وہ اس قابل نہیں تھی کہ ان کے ساتھ ایسی مہم پر جاسکے۔ مس مالا کو بہت افسوس تھا کہ اسے دو جگہ ناامیدی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن اس کو امید تھی کہ معاملہ ہو جائے گا چنانچہ ٹیکسی گول پیٹھا کی طرف چلی۔ وہاں کرشنا تھی۔ پندرہ سولہ برس کی گجراتی لڑکی، بڑی نرم و نازک سُر میں گاتی تھی۔ مالا اس کے گھر میں داخل ہوئی اور چند لمحات کے بعد اس کو ساتھ لیے باہر نکل آئی۔ بھٹساوے کو اس نے ہاتھ جوڑ کے نمسکار کیا اور عظیم کو بھی۔ مالا نے ٹھیٹ دلالوں کے سے انداز میں عظیم کو آنکھ ماری اور گویا خاموش زبان میں اس سے کہا۔

’’یہ آپ کے لیے ہے۔ ‘‘

بھٹساوے نے اس پر نگاہوں ہی نگاہوں میں صادرکردیا۔ کرشنا، عظیم گوبندپوری کے پاس بیٹھ گئی۔ چونکہ اس کو مالا نے سب کچھ بتا دیا تھا، اس لیے وہ اس سے چہلیں کرنے لگی۔ عظیم لڑکیوں کا سا حجاب محسوس کررہا تھا۔ بھٹساوے کو اس کی طبیعت کا علم تھا۔ اس لیے اس نے ٹیکسی ایک بارک کے سامنے ٹھہرائی، صرف عظیم کو اپنے ساتھ اندر لے گیا۔ نغمہ نگار نے صرف ایک دو مرتبہ پی تھی، وہ بھی کاروباری سلسلے میں۔ یہ بھی کاروباری سلسلہ تھا۔ چنانچہ اس نے بھٹساوے کے اصرار پر دو پیگ رم کے پیے اور اس کو نشہ ہو گیا۔ بھٹساوے نے ایک بوتل خرید کے اپنے ساتھ رکھ لی۔ اب وہ پھر ٹیکسی میں تھے۔ عظیم کو اس بات کا قطعاً علم نہیں تھا کہ اس کا دوست بھٹساوے دو گلاس اور سوڈے کی بوتلیں بھی ساتھ لے آیا ہے۔ عظیم کو بعد میں معلوم ہوا کہ بھٹساوے پلے بیک سنگر کرشناکی ماں سے یہ کہہ آیا تھا کہ جو کورس دن میں لیا گیا تھا، اس کے جتنے ٹیک تھے سب خراب نکلے ہیں اس لیے رات کو پھر ریکارڈنگ ہو گی۔ اس کی ماں ویسے کرشنا کو باہر جانے کی اجازت کبھی نہ دیتی۔ مگر جب بھٹساوے نے کہا کہ اسے اور روپے ملیں گے تو اس نے اپنی بیٹی سے کہا جلدی جاؤ اور فارغ ہو کر سیدھی یہاں آؤ۔ وہاں اسٹوڈیو میں نہ بیٹھی رہنا۔ ٹیکسی ورلی پہنچی، یعنی ساحلِ سمندر کے پاس۔ یہ وہ جگہ تھی، جہاں عیش پرست کسی نہ کسی عورت کو بغل میں دبائے آیا کرتے۔ ایک پہاڑی سی تھی، معلوم نہیں مصنوعی یا قدرتی۔ اس پر چڑھتے۔ کافی وسیع وعریض سطح مرتفع قسم کی جگہ تھی۔ اس میں لمبے فاصلوں پر بنچیں رکھی ہوئی تھیں، جن پرصرف ایک ایک جوڑا بیٹھتا۔ سب کے درمیان ان لکھا سمجھوتا تھا۔ کہ وہ ایک دوسرے کے معاملے میں مخل نہ ہوں۔ بھٹساوے نے جو کہ عظیم کی دعوت کرنا چاہتا تھا ورلی کی پہاڑی پر کرشنا کو اس کے سپرد کردیا۔ اور خود مالا کے ساتھ ٹہلتا ٹہلتا ایک جانب چلا گیا۔ عظیم اور بھٹساوے میں ڈیڑھ سو گز کا فاصلہ ہو گا۔ عظیم جس نے غیر عورت کے درمیان ہزاروں میل کا فاصلہ محسوس کیا تھا۔ جب کرشنا کو اپنے ساتھ لگے دیکھا تو اس کا ایمان متزلزل ہو گیا۔ کرشنا ٹھیٹ مرہٹی لڑکی تھی، سانولی سلونی، بڑی مضبوط، شدید طور پر جوان اور اس میں وہ تمام دعوتیں تھیں جو کسی کھل کھیلنے والی میں ہو سکتی ہیں، عظیم چونکے نشے میں تھا، اس لیے وہ اپنی بیوی کو بھول گیا اور اس کے دل میں خواہش پیدا ہوئی کہ کرشنا کو تھوڑے عرصے کے لیے بیوی بنالے۔ اس کے دماغ میں مختلف شرارتیں پیدا ہورہی تھیں۔ کچھ رم کے باعث اور کچھ کرشنا کی قربت کی وجہ سے۔ عام طور پروہ بہت سنجیدہ رہتا تھا۔ بڑا کم گو۔ لیکن اس وقت اس نے کرشنا کے گدگدی کی۔ اس کو کئی لطیفے اپنی ٹوٹی پھوٹی گجراتی میں سنائے۔ پھر جانے اسے کیا خیال آیا کہ زور سے بھٹساوے کو آواز دی اور کہا۔

’’پولیس آرہی ہے۔ پولیس آرہی ہے۔ ‘‘

بھٹساوے، مالا کے ساتھ آیا۔ عظیم کو موٹی سی گالی دی اور ہنسنے لگا وہ سمجھ گیا تھا کہ عظیم نے اس سے مذاق کیا ہے۔ لیکن اس نے سوچا، بہتریہی ہے کسی ہوٹل میں چلیں، جہاں پولیس کا خطرہ نہ ہو۔ چاروں اٹھ رہے تھے کہ پیلی پگڑی والا نمودار ہوا۔ اس نے ٹھیٹ سپاہیانہ انداز میں پوچھا۔

’’تم لوگ رات کے گیارہ بجے یہاں کیا کررہا ہے؟ مالوم نہیں، دس بجے سے پیچھے یہاں بیٹھنا ٹھیک نہیں ہے، کانون ہے۔ ‘‘

عظیم نے سنتری سے کہا۔

’’جناب اپن فلم کا آدمی ہے، یہ چھوکری، اس نے کرشنا کی طرف دیکھا۔ یہ بھی فلم میں کام کرتی ہے۔ ہم لوگ کسی برے خیال سے یہاں نہیں آئے، یہاں پاس ہی جو اسٹوڈیو ہے، اس میں کام کرتے ہیں، تھک جاتے ہیں تو یہاں چلے آتے ہیں کہ تھوڑی سی تفریح ہو گئی، بارہ بجے ہماری شوٹنگ پھر شروع ہونے والی ہے۔ ‘‘

پیلی پگڑی والا مطمئن ہو گیا، پھر وہ بھٹساوے سے مخاطب ہوا۔

’’تم ادھر کیوں بیٹھا ہے؟‘‘

بھٹساوے پہلے گھبرایا۔ لیکن فوراً سنبھل کر اس نے مالا کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیا اور سنتری سے کہا۔

’’یہ ہمارا وائف ہے، ہماری ٹیکسی نیچے کھڑی ہے۔ ‘‘

تھوڑی سی اور گفتگو ہوئی اور چاروں کی خلاصی ہو گئی۔ اس کے بعد انھوں نے ٹیکسی میں بیٹھ کر سوچا کہ کس ہوٹل میں چلیں۔ عظیم کو ایسے ہوٹلوں کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ جہاں آدمی چند گھنٹوں کے لیے کسی غیر عورت کے ساتھ خلوت اختیار کرسکے۔ بھٹساوے نے بیکار اس سے مشورہ کیا۔ چنانچہ اس کو فوراً ڈوک یارڈ کا سی ویو ہوٹل یاد آیا اور اس نے ٹیکسی والے سے کہا کہ وہاں لے چلو۔ سی ویو ہوٹل میں بھٹساوے نے دو کمرے لیے۔ ایک میں عظیم اور شانتا چلے گئے، دوسرے میں بھٹساوے اور مس مالاکھانڈیکر۔ کرشنا بدستور مجسم دعوت تھی، لیکن عظیم جس نے دو پیگ اور پی لیے تھے، فلسفی رنگ اختیار کرگیا تھا، اس نے کرشنا کو غور سے دیکھا اور سوچا کہ اتنی کم عمر کی لڑکی نے گناہ کا یہ بھیانک رستہ کیوں اختیار کیا؟ خون کی کمی کے باوجود اس میں اتنی تپش کیوں ہے؟۔ کب تک یہ نرم و نازک لڑکی جو گوشت نہیں کھاتی اپنا گوشت پوست بیچتی رہے گی؟ عظیم کو اس پر بڑا ترس آیا، چنانچہ اس نے واعظ بن کر اس سے کہنا شروع کیا۔

’’کرشنا معصیت کی زندگی سے کنارہ کش ہو جاؤ، خدا کے لیے اس راستے سے جس پر کہ تم گامزن ہو، اپنے قدم ہٹالو، یہ تمہیں ایسے مہیب غار میں لے جائے گا، جہاں سے تم نکل نہیں سکو گی۔ عصمت فروشی انسان کا بدترین فعل ہے۔ یہ رات اپنی زندگی کی روشن رات سمجھو، اس لیے کہ میں نے تمہیں نیک و بد سمجھا دیا ہے۔ ‘‘

کرشنا نے اس کا جو مطلب سمجھا وہ یہ تھاکہ عظیم اس سے محبت کررہا ہے۔ چنانچہ وہ اس کے ساتھ چمٹ گئی اورعظیم اپنا گناہ وثواب کا مسئلہ بھول گیا۔ بعد میں وہ بڑا نادم ہوا۔ کمرے سے باہر نکلا تو بھٹساوے برآمدے میں ٹہل رہا تھا۔ کچھ اس انداز سے جیسے اس کو بھڑوں کے پورے چھتے نے کاٹ لیا ہے اور ڈنگ اس کے جسم میں کھبے ہوئے ہیں۔ عظیم کو دیکھ کر وہ رک گیا، مطمئن کرشنا کی طرف ایک نگاہ ڈالی اور پیج وتاب کھا کر عظیم سے کہا۔

’’وہ سالی چلی گئی۔ ‘‘

عظیم جو اپنی ندامت میں ڈوبا تھا، چونکا۔

’’کون؟‘‘

’’وہی، مالا‘‘

’’کیوں؟‘‘

بھٹساوے کے لہجے میں عجیب وغریب احتجاج تھا، ہم اس کو اتنا وخت چومتے رہے جب بولا کہ آؤ تو سالی کہنے لگی۔

’’تم ہمارا بھائی ہے۔ ہم نے کسی سے شادی کرلی ہے۔

’’۔ اور باہر نکل گئی کہ وہ سالا گھر میں آگیا ہو گا۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

مس فریا

شادی کے ایک مہینے بعد سہیل پریشان ہو گیا۔ اس کی راتوں کی نیند اور دن کا چین حرام ہو گیا۔ اس کا خیال تھا کہ بچہ کم از کم تین سال کے بعد پیدا ہو گا مگر اب ایک دم یہ معلوم کرکے اس کے پاؤں تلے کی زمین نکل گئی کہ جس بچے کا اس کو وہم و گمان بھی نہیں تھا اس کی بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ اس کی بیوی کو بھی اتنی جلدی ماں بننے کا شوق نہیں تھا اور سچ پوچھیے تو وہ ابھی خود بچہ تھی۔ چودہ پندرہ برس کی عمر کیا ہوتی۔ جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے عائشہ گڑیاں کھیلتی تھی اور صرف پانچ مہینے کی بات ہے کہ سہیل نے اسے گلی میں جنگلی بلی کی طرح نکمے چنوں پر خوانچے والے سے لڑتے جھگڑتے دیکھا تھا۔ منہ لال کیے وہ اس سے کہہ رہی تھی۔

’’تم نے مجھے کل بھی کھیلیں اسی طرح کم کردی تھیں، تم بے ایمان ہو۔ میرے پیسے کیا مفت کے آتے ہیں جو میں تول میں ہر بار کم چیز لے لوں۔ ‘‘

اور اس نے زبردستی جھپٹا مار کر مٹھی بھر نمکین چنے اس کے خوانچے سے اُٹھا لیے تھے۔ اب سہیل یہ منظر یاد کرتا اور سوچتا کہ عائشہ کی گود میں بچہ ہو گا جب وہ گھر جاتے ہوئے ٹرین کا سفرکرے گی تو اپنے اس ننھے کو اسی طرح دُودھ پلائے گی جس طرح ریل کے ڈبوں میں دوسری عورتیں پلایا کرتی ہیں۔ اس کی لڑکی یا لڑکا اسی طرح چُسر چُسر کرے گا۔ اسی طرح ہونٹ سکیڑ کر روئے گا، تو وہ عائشہ سے کہے گا۔

’’بچہ رو رو کر ہلکان ہُوا جارہا ہے اور تم کھڑکی میں سے باہر کا تماشہ دیکھ رہی ہو‘‘

۔ اس کا تصور کرتے ہی سہیل کا حلق سوکھ جاتا ہے۔

’’اس عمرمیں بچہ؟۔ بھئی میرا تو ستیاناس ہو جائے گا۔ ساری شاعری تباہ ہو جائے گی۔ وہ ماں بن جائے گی۔ میں باپ بن جاؤں گا۔ شادی کا باقی رہے گا کیا؟۔ صرف ایک مہینہ جس میں ہم دونوں میاں بیوی بن کے رہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ اولاد کا سلسلہ کیوں میاں بیوی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ اولاد بُری چیز ہے۔ بچے پیدا ہوں پر اس وقت جب ان کی خواہش کی جائے یہ نہیں کہ بِن بُلائے مہمانوں کی طرح آن ٹپکیں۔ میں خدا معلوم کیا سوچ رہا تھا۔ کیسے کیسے حسین خیال میرے دماغ میں پیدا ہورہے تھے۔ شروع شروع کے دن تو ایک عجیب قسم کی افراتفری میں گزرے تھے۔ اب ایک مہینے کے بعد سب چیزوں کی نوک پلک درست ہوئی تھی۔ اب شادی کا اصلی لطف آنے لگا تھا کہ بیٹھے بٹھائے یہ آفت آگئی۔ ابھی جانے کتنے اور ہوں۔ ‘‘

سہیل پریشان ہو گیا۔ اگر دفعتہً آسمان سے کوئی جہاز بم برسانا شروع کردیتا تووہ اس قدر پریشان نہ ہوتا مگر اس حادثے نے اس کا دماغی توازن درہم برہم کردیا تھا۔ وہ اتنی جلدی باپ نہیں بننا چاہتا تھا۔

’’میں اگرباپ بن جاؤں تو کوئی ہرج نہیں مگر مصیبت یہ کہ عائشہ ماں بن جائے گی۔ اسکو اتنی جلدی ہرگز ہرگز ماں نہیں بننا چاہیے۔ وہ جوانی کہاں رہے گی اس کی جس کو میں اب بھی شادی ہونے کے بعد بھی کنکھیوں سے دیکھتا ہُوں اور ایک لرزش سی اپنے خیالات میں محسوس کرتا ہوں۔ اسکی تیزی و طراری کہاں رہے گی۔ وہ بھولا پن جو اب مجھے عائشہ میں نظر آتا ہے ماں بن کر بالکل غائب ہو جائے گا۔ وہ کھلنڈرا پن جو اس کی رگوں میں پھڑکتا ہے مُردہ ہو جائے گا۔ وہ ماں بن جائے گی، اور صابن کے جھاگ کی طرح اس کی تمام چلبلاہٹیں بیٹھ جائیں گی۔ گود میں ایک چھوٹے سے روتے پلے کو لیے کبھی وہ میز پر پیپر ویٹ اُٹھا کر بجائے گی، کبھی کنڈی ہلائے گی اور کبھی کن سری تانوں میں اوٹ پٹانگ لوریاں سنائے گی۔ واللہ میں تو پاگل ہو جاؤں گا۔ ‘‘

سہیل کو دیوانگی کی حد تک اس حادثے نے پریشان کر رکھا تھا۔ تین چار دن تک اس کی پریشانی کا کسی کو علم نہ ہوا۔ مگر اس کے بعد جب اس کا چہرہ فکر و تردّو کے باعث مُرجھا سا گیا تو ایک دن اُس کی ماں نے کہا

’’سہیل کیا بات ہے، آج کل تم بہت اداس اداس رہتے ہو۔ ‘‘

سہیل نے جواب دیا۔

’’کوئی بات نہیں امی جان۔ موسم ہی کچھ ایسا ہے۔ ‘‘

۔ موسم بے حد اچھا تھا۔ ہوا میں لطافت تھی۔ وکٹوریہ گارڈن میں جب وہ سیر کے لیے گیا تو اسے بیشمار پھول کھلے ہُوئے نظر آتے تھے۔ ہر رنگ کے ہر یاول بھی عام تھے۔ درختوں کے پتے اب مٹیالے نہیں تھے۔ ہر شے دُھلی ہوئی نظر آتی تھی۔ مگر سہیل نے اپنی اداسی کا باعث موسم کی خرابی بتایا۔ ماں نے جب یہ بات سنی تو کہا۔

’’سہیل تو مجھ سے چھپاتا ہے۔ دیکھ، سچ سچ بتاؤ کیا بات ہے۔ عائشہ نے تو کوئی ایسی ویسی بات نہیں کی۔ سہیل کے جی میں آئی کہ اپنی ماں سے کہہ دے۔

’’ایسی ویسی بات؟۔ امی جان اس نے ایسی بات کی ہے کہ میری زندگی تباہ ہو گئی ہے۔ مجھ سے پوچھے بغیر اس نے ماں بننے کا ارادہ کرلیا ہے۔ ‘‘

مگر اس نے یہ بات نہ کہی اس لیے کہ یہ سن کر اس کی ماں یقینی طور پر خوش ہوتی۔

’’نہیں امی۔ عائشہ نے کوئی ایسی بات نہیں کی وہ تو بہت ہی اچھی لڑکی ہے۔ آپ سے تو اسے بے پناہ محبت ہے۔ دراصل میری اداسی کا باعث۔ لیکن امی جان میں تو بہت خوش ہوں۔ یہ سن کر اس کی ماں نے دعائیہ لہجے میں کہا۔

’’اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے عائشہ واقعی بہت اچھی لڑکی ہے۔ میں تو اسے بالکل اپنی بیٹی کی طرح سمجھتی ہوں۔ اچھا، پر سہیل یہ تو بتا اب میرے دل کی مراد کب پوری ہو گی۔ ‘‘

سہیل نے مصنوعی لاعلمی کا اظہار کرتے ہُوئے پوچھا۔

’’میں آپ کا مطلب نہیں سمجھا؟‘‘

’’تو سب سمجھتا ہے۔ میں پوچھتی ہوں کب تیرا لڑکا میری گود میں کھیلے گا۔ سہیل دل کی ایک آرزو تھی کہ تجھے دلہا بنتا دیکھوں، سو یہ آرزو خدا نے پوری کردی۔ اب اس بات کی تمنا ہے کہ تجھے پھلتا پھولتا بھی دیکھوں۔ ‘‘

سہیل نے اپنی ماں کے کاندھے پرہاتھ رکھا اور کھسیانی ہنسی کے ساتھ کہا۔

’’امی جان، آپ تو ہر وقت ایسی ہی باتیں کرتی رہتی ہیں، دو برس تک میں بالکل اولاد نہیں چاہتا۔ ‘‘

’’دو برس تک تُو۔ بالکل اولاد نہیں چاہتا، کیسے؟۔ یعنی تو اگر نہیں چاہے گا تو بچی بچہ نہیں ہو گا؟۔ واہ، ایسا بھلا کبھی ہو سکتا ہے۔ اولاد دینا نہ دینا اس کے ہاتھ میں ہے اور ضرور دے گا۔ اللہ کے حکم سے کل ہی میری گود میں پوتا کھیل رہا ہو گا۔ ‘‘

سہیل نے اس کے جواب میں کچھ نہ کہا۔ وہ کہتا بھی کیا۔ اگر وہ اپنی ماں کو بتا دیتا کہ عائشہ حاملہ ہوچکی ہے تو ظاہر ہے کہ سارا راز فاش ہو جاتا اور وہ بچے کی پیدائش روکنے کے لیے کچھ بھی نہ کرسکتا۔ شروع شروع میں اس نے سوچا تھا کہ شاید کوئی گڑبڑ ہو گئی ہے۔ اس نے اپنے شادی شدہ دوستوں سے سُنا تھا کہ عورتوں کے حساب و کتاب میں کبھی کبھی ایسا ہیر پھیر ہو جایا کرتا ہے، ابھی تک یہ خیال اس کے دماغ میں جما ہوا تھا۔ اس کے موہوم ہونے پر بھی، اس کو امید تھی کہ چند ہی دنوں میں مطلع صاف ہو جائے گا۔ پندرہ بیس دن گزر گئے مگر مطلع صاف نہ ہوا، اب اسکی پریشانی بہت زیادہ بڑھ گئی۔ وہ جب بھولی بھالی عائشہ کی طرف دیکھتا تو اسے ایسا محسوس ہوتا کہ وہ کسی مداری کے تھیلے کی طرف دیکھ رہا ہے۔

’’آج عائشہ میرے سامنے کھڑی ہے۔ کتنی اچھی لگتی ہے لیکن مہینوں میں اس کا پیٹ پھول کر ٹھلیا بن جائے گا۔ ہاتھ پیر سُوج جائیں گے۔ ہوا میں عجیب عجیب خوشبوئیں اور بدبوئیں سونگھتی پھرے گی۔ قے کرے گی اور خدا معلوم کیا سے کیا بن جائے گی!‘‘

سہیل نے اپنی پریشانی ماں سے چھپائے رکھی، بہن کو بھی پتہ نہ چلنے دیا مگر بیوی کو معلوم ہو ہی گیا۔ ایک روز سونے سے پہلے عائشہ نے بڑے تشویشناک لہجے میں اس سے کہا۔

’’کچھ دنوں سے آپ مجھے بے حد مضطرب نظر آتے ہیں۔ کیا وجہ ہے؟‘‘

لُطف یہ ہے کہ عائشہ کو کچھ معلوم نہیں تھا کہ ایک دو بار اس نے سہیل سے کہا تھا کہ یہ اب کی دفعہ کیا ہو گیا ہے تو سہیل نے بات گول مول کردی تھی اور کہا تھا کہ شادی کے بعد بہت سی تبدیلیاں ہو جاتی ہیں۔ ممکن ہے کوئی ایسی ہی تبدیلی ہو گئی ہو۔ ‘‘

مگر اب اسے سچی بات بتانا ہی پڑی۔

’’عائشہ میں اس لیے پریشان ہوں کہ تم۔ تم اب ماں بننے والی ہو۔ ‘‘

عائشہ شرما گئی۔

’’آپ کیسی باتیں کرتے ہیں۔ ‘‘

’’کیسی باتیں کرتا ہوں۔ اب جو حقیقت ہے میں نے تم سے کہہ دی ہے تمہارے لیے یہ خوشخبری ہو گی مگر خدا کی قسم اس نے مجھے کئی دنوں سے پاگل بنا رکھا ہے۔ ‘‘

عائشہ نے جب سہیل کو سنجیدہ دیکھا تو کہا۔

’’تو۔ تو۔ کیا سچ مچ؟۔ ‘‘

’’ہاں، ہاں۔ سچ مچ۔ تم ماں بننے والی ہو۔ خدا کی قسم جب میں سوچتا ہوں کہ چند مہینوں ہی میں تم کچھ اور ہی بن جاؤ گی تو میرے دماغ میں ایک ہل چل سی مچ جاتی ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ اتنی جلدی بچہ پیدا ہو۔ اب خدا کے لیے تم کچھ کرو۔ ‘‘

عائشہ یہ بات سن کر صرف محجوب سی ہو گئی تھی۔ حجاب کے علاوہ اس نے ہونے والے بچے کے متعلق کچھ بھی محسوس نہیں کیا تھا۔ وہ دراصل یہ فیصلہ ہی نہیں کرسکی تھی کہ اسے خوش ہونا چاہیے یا گھبراہٹ کا اظہار کرنا چاہیے اس کو معلوم تھا کہ جب شادی ہُوئی ہے تو بچہ ضرور پیدا ہو گا مگر اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ سہیل اتنا پریشان ہو جائے گا۔ سہیل نے اس کو خاموش دیکھ کر کہا۔

’’اب سوچتی کیا ہو۔ کچھ کرو تاکہ اس بچے کی مصیبت ٹلے۔ ‘‘

عائشہ دل ہی دل میں ہونے والے بچے کے ننھے ننھے کپڑوں کے متعلق سوچ رہی تھی، سہیل کی آواز نے اسے چونکا دیا۔

’’کیا کہا؟‘‘

’’میں کہتا ہوں کچھ بندوبست کرو کہ یہ بچہ پیدا نہ ہو۔ ‘‘

’’بتائیے میں کیا کروں؟‘‘

’’اگرمجھے معلوم ہوتا تو میں تم سے کیوں کہتا۔ تم عورت ہو۔ عورتوں سے ملتی رہی ہو۔ شادی پر تمہاری بیاہی ہُوئی سہیلیوں نے تمہیں کئی مشورے دیے ہونگے یاد کرو، کسی سے پوچھو۔ کوئی نہ کوئی ترکیب تو ضرور ہو گی۔ ‘‘

عائشہ نے اپنے حافظہ پر زور دیا۔ مگر اسے کوئی ایسی ترکیب یاد نہ آئی مجھے تو آج تک کسی نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ پر میں پوچھتی ہُوں کہ اتنے دن آپ نے مجھ سے کیوں نہ کہا۔ جب بھی میں نے آپ سے اس بارے میں بات چیت کی آپ نے ٹال دیا۔ ‘‘

’’میں نے تمہیں پریشان کرنا مناسب نہ سمجھا۔ یہ بھی سوچتا رہا کہ شاید میرا واہمہ ہو، پر اب کہ بات بالکل پکی ہو گئی ہے۔ تمہیں بتانا ہی پڑا۔ عائشہ اگر اس کا کوئی علاج نہ ہوا تو خدا کی قسم بہت بڑی آفت آجائے گی۔ آدمی شادی کرتا ہے کہ چند برس ہنسی خوشی میں گُزارے، یہ نہیں کہ سرمنڈاتے ہی اولے پڑیں۔ جھٹ سے ایک بچہ پیدا ہو جائے۔ کسی ڈاکٹر سے مشورہ لیتا ہُوں۔ ‘‘

عائشہ نے جو اب دماغی طور پر سہیل کی پریشانی میں شریک ہو چکی تھی۔

’’کہا’ہاں‘ کسی ڈاکٹر سے ضرور مشورہ لینا چاہیے۔ میں بھی چاہتی ہوں کہ بچہ اتنی جلدی نہ ہو۔ ‘‘

سہیل نے سوچنا شروع کیا۔ پولینڈ کا ایک ڈاکٹر اس کا واقف تھا، پچھلے دنوں جب شراب کی بندش ہوئی تھی تو وہ اس ڈاکٹر کے ذریعہ ہی سے وسکی حاصل کرتا تھا۔ پر اب وہ دیو لالی میں نظر بند تھا۔ کیونکہ حکومت کو اس کی حر کات و سکنات پر شبہ ہو گیا تھا۔ یہ ڈاکٹر اگر نظر بند نہ ہوتا تو یقیناً سہیل کا کام کردیتا۔ اس پولستانی ڈاکٹر کے علاوہ ایک یہودی ڈاکٹرکو بھی وہ جانتا تھا جس سے اس نے اپنی چھاتی کے درد کا علاج کرایا تھا سہیل اس کے پاس چلا جاتا مگر اس کا چہرہ اتنا رعب دار تھا کہ وہ اس سے ایسی بات کے متعلق ارادے کے باوجود مشورہ نہ لے سکتا۔ یوں تو بمبئی میں ہزاروں ڈاکٹر موجود تھے مگر بغیر واقفیت اس معاملے کے متعلق بات چیت ناممکن تھی۔ بہت دیر تک غور و فکر کرنے کے بعد معاً اس کو مس فریا کا خیال آیا جو ناگپاڑے میں پریکٹس کرتی تھی اور اس کا خیال آتے ہی مس فریا اس کے آنکھوں کے سامنے آگئی۔ موٹے اور بھاری جسم کی یہ کرسچین عورت عجیب و غریب کپڑے پہنتی تھی۔ ناگپاڑے میں کئی یہودی، کرسچین اور پارسی لڑکیاں رہتی ہیں۔ سہیل نے ان کو ہمیشہ چست اور شوخ رنگ لباسوں میں دیکھا تھا۔ سکرٹ گھٹنوں سے ذرا نیچی، ننگی پنڈلیاں، اونچی ایڑی کی سینڈل، سر کے بال کٹے ہُوئے، ان میں لہریں پیدا کرنے کے نئے نئے طریقے، ہونٹوں پر گاڑی سرخی، گالوں پر اُڑے اُڑے رنگ کا غازہ، بھویں موند کر تیکھی بنائی ہوئی۔ ان لڑکیوں کا بناؤ سنگھار کچھ اس قسم کا ہوتا ہے کہ نگاہیں ان چیزوں کو پہلے دیکھتی تھیں جن سے عورت بنتی ہے۔ مگر مس فریا ٹخنوں تک لمبا ڈھیلا ڈھالا فراک پہنتی تھی۔ پنڈلیاں ہمیشہ موٹی جرابوں سے ڈھکی رہتی تھیں۔ شو پہنتی تھی بہت ہی پرانے فیشن کے بال کٹے ہُوئے تھے مگر ان میں لہریں پیدا کرنے کی طرف وہ کبھی توجہ ہی نہیں دیتی تھی، اس بے توجہی کے باعث اس کے بالوں میں ایک عجیب قسم کی بے جانی اور خشکی پیدا ہو گئی تھی۔ رنگ کالا تھا جو کبھی کبھی سنولا ہٹ بھی اختیار کرلیتا تھا۔ عائشہ نے تھوڑی دیر تک بچے کی پیدائش کے متعلق غور کیا اور سہیل کے پہلو میں سو گئی۔ غور و فکر ہمیشہ اس کو سلا دیا کرتا تھا۔ عائشہ سو گئی مگر سہیل جاگتا رہا اور مس فریا کے متعلق سوچتا رہا۔ ٹھیک ایک برس پہلے انہی دنوں میں جب اس کے کمرے میں نہ یہ نیا پلنگ تھا جو عائشہ جہیز میں لائی تھی۔ اور نہ خود عائشہ تھی تو سہیل نے ایک بار مس فریا کو خاص زاویے سے دیکھا تھا۔ سہیل کی بہن کے ہاں بچہ پیدا ہونے والا تھا۔ یہ معلوم کرنے کے لیے کہ بچہ کب پیدا ہو گا۔ مس فریا کو بلایا گیا تھا۔ سہیل تازہ تازہ بمبئی آیا تھا۔ ناگپاڑے کی شوخ تیتریاں دیکھ دیکھ کر جو بالکل اس کے پاس سے پھڑپھڑاتی ہوئی گزر جاتی تھیں اس کے دل میں یہ خواہش پیدا ہو گئی تھی کہ وہ ان سب کو پکڑ کر اپنی جیب میں رکھ لے مگر جب یہ خواہش پوری نہ ہُوئی اور وہ ناامیدی کی حد تک پہنچ گیا تو اسے مس فریا دکھائی دی۔ پہلی نظر میں سہیل کے جمالیاتی ذوق کو صدمہ سا پہنچا۔

’’کیسی بے ڈول عورت ہے۔ لباس کیسا بیہودہ ہے اور قد۔ تھوڑے ہی دنوں میں بھینس بن جائے گی۔ ‘‘

مس فریا نے اس روز کالے رنگ کی جالی دار ٹوپی پہن رکھی تھی۔ جس میں تین چار شوخ رنگ کے پھندنے لگے ہوئے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا کہ کیچڑ میں آلوچے گرپڑے ہیں۔ فراک جو ٹخنوں تک بڑے اُداس انداز میں لٹک رہا تھا چھپی ہُوئی جارجٹ کا تھا۔ پھول خوشنما تھے، کپڑا بھی اچھا تھا مگر بہت ہی بھونڈے طریقے پر سیا گیا تھا۔ مس فریا جب دوسرے کمرے سے فارغ ہو کر آئی تو اس نے سہیل سے انگریزی میں کہا۔

’’غسل خانہ کدھر ہے۔ مجھے ہاتھ دھونے ہیں۔ ‘‘

غسل خانے میں سہیل نے مس فریا کو بہت قریب سے دیکھا تو اسے نسوانیت کے کئی ذرّے اس کے ساتھ چمٹے ہُوئے نظر آئے۔ سہیل نے اب اسے پسند کرنے کی نیت سے دیکھنا شروع کیا۔

’’بُری نہیں۔ آنکھیں خوبصورت ہیں۔ میک اپ نہیں کرتی تو کیا ہوا۔ ٹھیک ہے۔ ہاتھ کیسے اچھے ہیں۔ ‘‘

مس فریا کے بالائی ہونٹ پر ہلکی ہلکی مونچھیں تھیں۔ کام کرنے کے باعث پسینے کی ننھی ننھی بوندیں نمودار ہو گئی تھیں۔ سہیل نے جب انکی طرف دیکھا تو مس فریا اسے پسند آگئی۔ پسینے کی یہ پھوار سی جو اس کی مونچھوں کی روئیں پر کپکپارہی تھی اسے بہت ہی بھلی معلوم ہُوئی۔ سہیل کے جی میں آئی کہ وہ کچھ کرنا شروع کردے جس سے اس کا سارا جسم عرق آلود ہو جائے۔ مس فریا جب ہاتھ پونچھ کر فارغ ہو گئی تو اس نے سہیل کی ماں سے کہا۔

’’آپ ان کو ہمارے ساتھ بھیج دیجیے میں دوا تیار کرکے دے دوں گی اور استعمال کرنے کی ترکیب بھی سمجھا دوں گی۔ ‘‘

ناگپاڑے تک جہاں وہ پریکٹس کرتی تھی، وکٹوریہ میں، سہیل نے اس سے کوئی خاص بات نہ کی۔ کونین کے متعلق اس نے چند باتیں دریافت کیں کہ ملیریا میں کتنی مقدار اسکی کھانی چاہیے۔ پھر اس نے دانتوں کی صفائی کے بارے میں اس سے کچھ معلومات حاصل کیں کہ اتنے میں وہ جگہ آگئی جہاں مس فریا۔ ایم۔ بی بی۔ ایس کا بورڈ لٹکا رہتا تھا۔ پہلی منزل کے ایک کمرے میں مس فریا کا مطب تھا۔ اس کمرے کے دو حصے کیے گئے تھے، ایک حصے میں مس فریا کی میز تھی جہاں وہ عام طور پر بیٹھتی تھی۔ دوسرے حصّے میں اس کی ڈسپنسری تھی۔ ڈسپنسری کی دو الماریوں کے علاوہ وہاں ایک چھوٹا سا تخت بھی تھا جس پر غالباً وہ مریض لٹا کر دیکھا کرتی تھی۔ مس فریا نے کمرے میں داخل ہوتے ہی اپنی ٹوپی اُتار دی اور ایک کیل پر لٹکا دی۔ سہیل اس بنچ پر بیٹھ گیا جومیز کے پاس بچھی تھی۔ ٹوپی اتار کر مس فریا نے نیم انگریزی اور نیم ہندوستان لہجہ میں آواز دی، چھوکرا۔ کمرے کے دوسرے حصّے سے ایک مریل سا آدمی نکل آیا اور کہنے لگا۔

’’ہاں میم صاحب۔ ‘‘

میم صاحب کچھ نہ بولیں اور دوا بنانے کے لیے اندر چلی گئیں۔ سہیل اس دوران میں سوچتا رہا کہ مس فریا سے کسی طرح دوستی پیدا کرنی چاہیے وہ تھوڑا سا وقت جو اسے ملا اسی سوچ بچار میں خرچ ہو گیا اور مس فریا دوا بنا کر لے آئی۔ کرسی پر بیٹھ کر اس نے شیشی پر گوند سے لیبل چپکایا اور پڑیوں پر نمبر لگانے کے بعد کہا۔

’’یہ دو دوائیں ہیں۔ پڑیا ابھی جا کر پانی کے ساتھ دے دیجیے اور اس میں سے ایک خوراک آدھے گھنٹے کے بعد پلا دیجیے گا۔ پھر ہر تیسرے گھنٹے کے بعد اسی طرح۔ ‘‘

سہیل نے پڑیاں اٹھا کر جیب میں رکھ لیں۔ شیشی ہاتھ میں لے لی، اور مس فریا کی طرف کچھ عجیب نگاہوں سے دیکھنا شروع کردیا۔ وہ گھبرا گئی۔

’’آپ بھول تو نہیں گئے۔ ‘‘

سہیل نے اسی انداز سے دیکھتے ہوئے کہا۔

’’میں بھولا نہیں مجھے سب کچھ یاد ہے۔ ‘‘

مس فریا کی سمجھ میں نہ آیا کہ وہ کیا کہے۔

’’تو۔ تو۔ ٹھیک ہے۔ ‘‘

سہیل دراصل اپنے ارادہ کو مکمل کررہا تھا اور ساتھ ہی ساتھ ٹکٹکی باندھے اسے دیکھے جارہا تھا۔ مس فریا نے چند کاغذات اٹھا کر میز کے ایک طرف رکھ دیے۔

’’اس کے۔ اُس کے دام؟‘‘

سہیل نے خاموشی سے بٹوہ نکالا۔

’’کتنے ہوئے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے پانچ کا نوٹ بڑھا دیا۔ مس فریا نے نوٹ لیا۔ میزکی دراز کھول کر اس میں رکھا۔ جلدی جلدی ریز گاری نکالی اور حساب کرکے باقی پیسے سہیل کی طرف بڑھا دیے۔ سہیل نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا اور جلدی سے کہا۔

’’تمہارا ہاتھ کتنا خوبصورت ہے۔ ‘‘

مس فریا تھوڑی دیر تک فیصلہ نہ کرسکی کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔

’’آپ کیسی باتیں کررہے ہیں۔ ‘‘

سہیل نے بڑے ہی خام انداز میں اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر کہا جیسے وہ اسٹیج پر عشقیہ پارٹ ادا کررہا ہے۔

’’میں تم سے محبت کرتا ہُوں۔ ‘‘

سہیل کو جب مس فریا کے لہجے میں کُھردرا پن محسوس ہوا تو وہ چونکا اس نے لوگوں سے سُن رکھا تھا کہ اینگلو انڈین اور کرسچین لڑکیاں فوراً ہی پھنس جایا کرتی ہیں۔ چنانچہ اسی سُنی سُنائی بات کے زیر اثر اس نے اتنی جرأت کی تھی مگر یہاں جب اسے معاملہ بالکل برعکس نظر آیا تو اس نے جلدی سے دوا کی شیشی اٹھائی اور کہا۔

’’میں آپ سے معافی چاہتا ہوں دراصل مجھے آپ سے ایسی فضول باتیں نہیں کرنا چاہیے تھیں۔ میں۔ میں نہ جانے کیا بک گیا۔ مجھے معاف کردیجیے گا۔ ‘‘

مس فریا اُٹھ کھڑی ہُوئی۔ اس کا غصّہ کچھ کم ہو گیا۔

’’تم نے جو کچھ کیا ہے اس پر مجھے بے حد غصّہ آیا تھا۔ مگر میں اب تمہاری طرف دیکھتی ہُوں تو مجھے تم بہت ہی معصوم نظر آتے ہو۔ بیوقوفی کی حد تک معصوم، جاؤ پھر کبھی ایسی حرکت نہ کرنا۔ ‘‘

سہیل سہم سا گیا۔ مس فریا کووہ اسکول کی استانی سمجھنے لگا۔

’’آپ نے مجھے معاف کردیا ہے نا۔ ‘‘

مس فریا کے ہونٹوں پر مسکراہٹ پیدا نہ ہوئی جو سہیل چاہتا تھا کہ پیدا ہو۔

’’جاؤ میں نے کہہ دیا کہ پھر ایسی حرکت نہ کرنا۔ دوا کسی اور جگہ سے نہ لینا۔ کل یہیں چلے آنا۔ اور دیکھو تم نے میرے آنے جانے کے پیسے نہیں دیے۔ ‘‘

سہیل نے پوچھا۔

’’کتنے ہوتے ہیں۔ ‘‘

’’بارہ آنے۔ ‘‘

سہیل نے بارہ آنے میز پررکھ دیے اور جب وہ بازار میں پہنچا تو اُس نے خیال کیا کہ وکٹوریہ والے کو تو وہ بارہ آنے ادا کر چکا تھا لیکن اس نے سوچا کہ چلو، بلا ٹل گئی ہے، کیا ہوا اگر بارہ آنے زیادہ چلے گئے۔ سہیل کا یہ پہلا موقع نہیں تھا۔ امرتسر میں وہ کئی لڑکیوں سے ایسی اور اس سے بھی سخت جھڑکیاں کھا چکا تھا۔ چند گھنٹوں تک اس واقعہ کا سہیل پر بہت ہی زیادہ اثر رہا۔ لیکن جب وہ دوسرے دن مس فریا کے ہاں دوا لینے کے لیے گیا تو اس نے دوسرے گاہکوں کی طرح اس سے بات چیت کی تو وہ شرمندگی جس کا تھوڑا سا احساس باقی رہ گیا تھا دُور ہو گئی۔ دس بارہ روز تک وہ متواتر دوا لینے کے لیے مس فریا کے ہاں جاتا رہا۔ اس دوران میں کوئی ایسی بات نہ ہوئی جس سے سہیل کے دماغ میں اس خفت انگیز واقعہ کی یاد تازہ ہوتی اس کے بعد اس کی بہن تندرست ہو گئی اور مس فریا اس عرصہ کے لیے اس کی آنکھوں سے اوجھل ہو گئی۔ اب ایک دم بارہ تیرہ مہینے کے بعد سہیل کو اس کا خیال آیا اور اس نے اس سے مشورہ لینے کا ارادہ کیا۔

’’عورت کو روپے پیسے کا بہت لالچ ہے میرا خیال ہے کہ وہ ضرور اس معاملہ میں ہماری مدد کرنے کو تیار ہو جائے گی اور پھر اس واقعہ کو اس بات سے کیا تعلق ہے۔ اگر وہ میرا کام کردے گی تو میں اسے منہ مانگے دام ادا کردوں گا۔ ‘‘

دوسرے روز شام کو وہ مس فریا کے پاس گیا۔ سہیل کو دیکھ کر اس نے بڑے کاروباری انداز میں کہا۔

’’بہت مدت کے بعد تشریف لائے۔ ‘‘

سہیل شادی کے بعد اب کافی تبدیل ہو چکا تھا آرام سے بنچ پر بیٹھ گیا اور کہنے لگا۔ اس دوران میں کوئی بیمار نہیں ہوا اس لیے آپ کی خدمت میں حاضر نہ ہوسکا۔ مس فریا مسکرائی۔

’’اب کیسے آنا ہوا۔ ‘‘

سہیل نے جواب دیا۔

’’میں اپنی بیوی کے متعلق کچھ پوچھنے آیا ہوں۔ ‘‘

مس فریا نے اور زیادہ متوجہ ہو کر پوچھا۔

’’آپ کی شادی ہو گئی۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ ہو گئی۔ ‘‘

’’کب ہوئی۔ ‘‘

’’ایک مہینہ پہلے۔ ‘‘

’’صرف ایک مہینہ۔ ‘‘

مس فریا نے کرسی پر اپنا پہلو بدلا۔

’’کیسی ہے آپکی بیوی۔ ‘‘

سہیل نے بالکل رسمی انداز میں جواب دیا۔

’’بہت اچھی ہے۔ ‘‘

’’میرا مطلب ہے کہ۔ کہ۔ خوبصورت ہے؟۔ ضرور خوبصورت ہو گی۔ پنجاب کی لڑکیاں عام طور پر خوبصورت ہوتی ہیں۔ ‘‘

سہیل نے فریا کی طرف دیکھا چہرے پر اس نے پوڈر لگا رکھا تھا جس سے رنگ بہت ہی بدنما ہو گیا تھا۔ بال خشک اور بے جان تھے۔ فراک بھی نہایت بھونڈا تھا۔ جب اس نے عائشہ کا خیال کیا تو فریا اسے بھنگن معلوم ہُوئی۔ دل ہی دل میں وہ ہنسا اور پرانا بدلہ لینے کی خاطر اس نے کہا۔

’’میری بیوی بہت خوبصورت ہے۔ تم اسے دیکھو گی تو پتہ چلے گا۔ ‘‘

مس فریا نے شاید یہ بات نہ سنی، کیونکہ وہ کچھ اور ہی سوچ رہی تھی

’’تو ایک مہینے سے تم عیش کررہے ہو۔ ‘‘

سہیل نے پھر اسے جلانے کے لیے کہا

’’انسان کو زندگی میں ایک بار ہی ایسا موقع ملتا ہے۔ کیوں نہ اس سے فائدہ اُٹھایا جائے۔ ‘‘

’’ہاں، ہاں ضرور فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ مگر۔ مگر زیادہ نہیں۔ تم ضرور زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوں گے۔ ‘‘

مس فریا کے لہجے میں ایک عجیب قسم کی للچاہٹ تھی۔ سہیل کو اس گفتگو میں مزہ آنے لگا مسکرا کر اس نے کہا

’’زیادہ سے زیادہ کیوں نہ اُٹھایا جائے۔ یہی وقت تو ہے کہ جی بھر کے لُطف اُٹھایا جائے بیوی اچھی ہو۔ طبعیتیں آپس میں مل جائیں۔ جوانی ہو۔ حالات ساز گار ہوں، موسم خوشگوار ہو تو۔ ‘‘

مس فریا مضطرب ہو گئی۔ یہ اضطراب چھپانے کی خاطر اس نے کہا۔

’’آپ۔ آپ کس قسم کا مشورہ لینے کے لیے آئے ہیں۔ ‘‘

’’میں اپنی بیوی کے متعلق کچھ پوچھنے آیا تھا۔ ‘‘

’’مس فریا پھر اسی رو میں بہہ گئی۔ ‘‘

میں۔ میں اسکو ضرور دیکھونگی۔ مجھے۔ مجھے خوشی ہو گی۔ کسے معلوم تھا کہ تم اتنی جلدی شادی کرلو گے۔ تمہاری زندگی میں۔ میرا مطلب ہے کہ تمہاری زندگی میں ضرور ایک بہت بڑی تبدیلی ہو گئی ہو گی۔ سہیل نے جواب دیا۔

’’تبدیلی۔ کوئی خاص تبدیلی پیدا تو نہیں ہوئی۔ میں پہلے بھی ایسا ہی تھا۔ خاص فرق پڑ بھی کیا سکتا ہے۔ ہر حال میں خوش ہُوں، بہت ہی خوش ہُوں۔ شادی بہت اچھی چیز ہے؟ مس فریا نے تھوک نگل کر کہا۔

’’کیا شادی واقعی بہت اچھی چیز ہے؟‘‘

’’بہت ہی اچھی چیز ہے۔ میں تو کہتا ہوں کہ تم بھی شادی کرلو۔ ‘‘

مس فریا نے میز پر سے رنگین تیلیوں کا بنا ہوا جاپانی پنکھا اُٹھایا اور جھلنا شروع کردیا۔

’’مجھے اپنی بیوی کے متعلق کچھ اور بتاؤ۔ یعنی تمہاری ازدواجی زندگی کیسے گزر رہی ہے۔ اسکے خیالات کیا ہیں۔ ‘‘

فریا کے ہونٹوں پر کھسیانی سی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔ اسکے ہونٹ کچھ اس انداز سے باتیں کرتے وقت کھل رہے تھے کہ سہیل کو محسوس ہوا فریا کے چہرے پر منہ کے بجائے ایک زخم ہے جس کے ٹانکے اُدھڑ رہے ہیں۔ سہیل نے غور سے اسکی طرف دیکھا اور یوں دیکھتے ہُوئے وہ ایک برس پیچھے چلا گیا۔ جب اس نے بڑی نیک نیتی سے اس عورت میں چند خوبصورتیاں تلاش کی تھیں اور ان کا سہارا لے کر اس سے دوستانہ تعلقات پیدا کرنے کی ایک نہایت ہی بھونڈی کوشش کی تھی۔ اب وہی عورت اس کے سامنے کرسی پربیٹھی پنکھا جھل کر اپنا اندرونی اضطراب ہلکا کررہی تھی، ایک برس اس کے کالے چہرے اور خشک بالوں پر سے مزید سیاہی اور خشکی پیدا کیے بغیر گزر گیا تھا۔ مگر سہیل اب بالکل تبدیل ہو چکا تھا۔ وہ یہ سوچ ہی رہا تھا کہ مس فریا نے اس سے کہا۔

’’تم کتنے تبدیل ہو گئے ہو۔ اب تم پورے مرد بن چکے ہو۔ ‘‘

سہیل نے فریا کی طرف دیکھا۔ اس کی مونچھوں پر پسینے کے ننھے ننھے قطرے نمودار ہورہے تھے۔ ان کو دیکھ کر اب اس کے دل میں وہ پہلی سی خواہش پیدا نہ ہوئی۔ مس فریا نے پنکھا میز پررکھ دیا اور کہنیاں ٹیک کر سہیل کی طرف ان بلیوں کی طرح دیکھنے لگی جو موسم بہار میں لوٹ کر اُداس اداس آوازیں نکالا کرتی ہیں۔ سہیل نے پنکھے کی ایک اکھڑی ہُوئی تیلی نوچنے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو مس فریا نے اسے آہستہ سے پکڑ کر کہا۔

’’یاد ہے تمہیں، ایک دفعہ اسی طرح تم نے میرا ہاتھ دبایا تھا۔ ‘‘

مس فریا کی آواز لرزاں تھی۔ سہیل نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا اور بڑے خشک لہجہ میں کہا۔

’’مس فریا۔ تمہاری یہ حرکت بہت ہی نازیبا ہے۔ دیکھو، پھر کبھی ایسا نہ کرنا۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے اپنا بٹوا لرزتے ہوئے ہاتھوں سے کھولا اور بارہ آنے نکال کر میز پر رکھ دیے۔

’’یہ رہا تمہارے آنے جانے کا کرایہ۔ ‘‘

سہیل جب نیچے اُترا تو بازارمیں چلتے ہُوئے اس نے سوچا۔

’’جب بچہ پیدا ہو گا تو میں اسے گود میں اٹھا کر مس فریا کے پاس ضرور آؤں گا اور فخر کے ساتھ کہوں گا، اس کے متعلق تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘

سہیل بہت خوش تھا۔ جب اس نے مزا لینے کی خاطر یہ سارا واقعہ دھرایا تو آخر میں بارہ آنے آئے جو اس نے کانپتے ہُوئے ہاتھوں سے نکال کر مس فریا کی میز پر رکھے تھے۔

’’ارے۔ میں نے اسے بارہ آنے کیوں دیے۔ یہ کرایہ کس کا تھا؟‘‘

سہیل جب اس کا جواب تلاش نہ کرسکا تو بے اختیار ہنس پڑا۔

سعادت حسن منٹو

مس اڈنا جیکسن

۔ کالج کی پرانی پرنسپل کے تبادلے کا اعلان ہوا، طالبات نے بڑا شور مچایا۔ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی محبوب پرنسپل ان کے کالج سے کہیں اور چلی جائے۔ بڑا احتجاج ہوا۔ یہاں تک کہ چند لڑکیوں نے بھوک ہڑتال بھی کی، مگر فیصلہ اٹل تھا۔ ان کا جذباتی پن تھوڑے عرصے کے بعد ختم ہو گیا۔ نئی پرنسپل نے پرانی پرنسپل کی جگہ لے لی۔ طالبات نے شروع شروع میں اس سے بڑی نفرت و حقارت کا اظہار کیا مگر اس نے ان سے کچھ نہ کہا۔ حالانکہ اس کے اختیار میں سب کچھ تھا۔ وہ ان کو کڑی سے کڑی سزا دے سکتی تھی۔ ہر وقت اس کے پتلے پتلے ہونٹوں پر مسکراہٹ تیرتی رہتی۔ وہ سرتا پا تبسم تھی۔ کالج میں کھلی ہوئی کلی کی طرح آتی اور جب واپس جاتی تو دن بھر گوناگوں مصروفیتوں کے باوجود اس میں مرجھاہٹ کے کوئی آثار نہ ہوتے۔ تھوڑے عرصے کے بعد۔ کالج کی طالبات اس کی گرویدہ ہو گئیں۔ ہر وقت اس سے چمٹی رہتیں۔ ایک دن، جب کوئی جلسہ تھا، مس اڈنا جیکسن نے تقریر کی اور کہا۔

’’میں بہت خوش ہوں کہ تم اب مجھ سے مانوس ہو گئی ہو۔ شروع شروع میں جیسا کہ میں جانتی ہوں تم مجھ سے نفرت کرتی تھیں، میری پیاری بچیو، میں یہاں اپنی مرضی سے نہیں آئی تھی۔ مجھے یہاں میرے حاکموں نے بھیجا تھا۔ ایک دن آنے والا ہے جب تم سنجیدہ اور متین بن جاؤ گی۔ تمہاری گود میں بچے کھیلتے ہوں گے، تم سے بھی کہیں زیادہ شریر اور نٹ کھٹ۔ میں تمہاری پرنسپل ہوں۔ لیکن دل میں یہ خیال کبھی نہ لانا کہ میں کوئی ظالم عورت ہوں۔ میں تم سب سے محبت کرتی ہوں۔ اور چاہتی ہوں کہ مجھ سے بھی کوئی محبت کرے۔ ‘‘

یہ تقریر سن کر لڑکیاں بہت متاثر ہوئیں اور مس جیکسن کی محبت میں اور زیادہ گرفتار ہو گئیں۔ سب دل میں نادم تھیں کہ انھوں نے ایسی شریف اور شفیق پرنسپل کے آنے پر کیوں اعتراض کیا۔ ایک دن بی اے کی ایک لڑکی طاہرہ جس نے مس جیکسن کی آمد پر آوازے کسے تھے اور بڑے سخت الفاظ استعمال کیے تھے، پرنسپل کے کمرے میں تھی۔ طاہرہ کا سر جھکا ہوا تھا۔ خوف و ہراس اس کے چہرے پر پھیلا ہوا تھا۔ پرنسپل کاغذات پر دستخط کررہی تھی۔ بے حد منہمک تھی۔ تھوڑی دیر کے بعد جب اس نے طاہرہ کی سسکیوں کی آواز سنی تو اس کو اس کی موجودگی کا علم ہوا۔ ایک دم چونک کر اس نے اپنا ننھا سا فونٹین پین ایک طرف رکھا اور اس کی طرف متوجہ ہوئی۔ اس کو یاد نہیں آرہا تھا کہ اس نے طاہرہ کو بلایا ہے۔

’’کیا بات ہے طاہرہ؟‘‘

طاہرہ کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔

’’آپ۔ آپ ہی نے تو مجھے یہاں طلب فرمایا تھا‘‘

ایک لحظے کے لیے مس جیکسن خالی الدماغ رہی، لیکن اسے فوراً یاد آگیا کہ معاملہ کیا ہے۔ طاہرہ کے نام ایک مرد کا محبت نامہ پکڑا گیا تھا۔ یہ اس کی ایک سہیلی ناہید نے مس جیکسن کے حوالے کردیا تھا۔ یہ خط اس کی دراز میں محفوظ تھا۔ مس جیکسن کے مسکراتے ہوئے ہونٹ طاہرہ سے مخاطب ہوئے۔

’’بیٹا۔ یہ کیا بپتا ہے؟‘‘

اس کے بعد اس نے میز کا دراز کھول کر خط نکالا اور طاہرہ سے کہا

’’لو۔ یہ تمہارا خط ہے پڑھ لو اور اگر چاہو تو مجھے ساری داستان سنا تاکہ میں تمہیں کوئی رائے دے سکوں۔ ‘‘

طاہرہ کچھ دیر خاموش رہی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کیا کہے۔ پرنسپل مس جیکسن نے اٹھ کر اس کے کاندھے پر شفقت بھرا ہاتھ رکھا

’’طاہرہ!شرماؤ نہیں۔ ہرلڑکی کی زندگی میں ایسے لمحات آتے ہیں۔ ‘‘

طاہرہ نے رونا شروع کردیا۔ بوڑھا چپڑاسی کسی کام سے اندر داخل ہوا تو مس جیکسن نے اس سے کہا۔

’’نظام دین! ابھی تم باہر ٹھہرو۔ میں بلالوں گی تمہیں۔ ‘‘

جب وہ چلا گیا تو مس جیکسن نے بڑے پیار سے طاہرہ سے کہا۔

’’محبت ایک عظیم جذبہ ہے۔ مجھے اس پر کیا اعتراض ہو سکتا ہے۔ لیکن تمہاری عمر کی لڑکیاں اکثر دھوکا کھا جایا کرتی ہیں۔ مجھے تمام واقعات بتا دو۔ میں تم سے عمر میں بہت بڑی ہوں مگر مجھ سے آج تک کسی نے محبت نہیں کی، لیکن میں نے کئی استوار اور نااستوار محبتیں دیکھی ہیں۔ بیٹا، مجھ سے گھبراؤ نہیں۔ بیٹھ جاؤ۔ ‘‘

طاہرہ اپنے دوپٹے سے آنسو پونچھتی ہوئی کرسی پر بیٹھ گئی۔ پرنسپل اپنی گھومنے والی کرسی پر نشست اختیار کرتے ہوئے اپنی شاگرد سے بولیں

’’اب دیر نہ لگاؤ۔ بتا دو۔ مجھے بہت سے ضروری کام کرنے ہیں۔ ‘‘

طاہرہ کچھ دیر ہچکچاتی رہی۔ لیکن اس کے بعد اس نے اپنا دل کھول کے اپنی پرنسپل کے سامنے رکھ دیا۔ اس نے بتایا کہ ایک نوجوان لیکچرار ہے جس سے وہ ٹیویشن لیتی ہے۔ قریب قریب ایک سال سے وہ باقاعدہ پانچ بجے اس کے گھرمیں آتا رہا ہے۔ اس کی باتیں بڑی دلفریب ہیں۔ شکل و صورت کے لحاظ سے بھی خوب ہے۔ فارسی کے اشعار کا مطلب سمجھاتا ہے تو ایک نقشہ کھینچ دیتا ہے۔ اس کی زبان میں غضب کی مٹھاس ہے۔ طاہرہ نے مزید بتایا کہ اس کے دل میں لیکچرار کے لیے جگہ پیدا ہو گئی۔ آہستہ آہستہ بے قرار رہنے لگی۔ اس کو ہر وقت اس کی یاد ستاتی۔ پانچ بجنے والے ہوتے تو اس کو یوں محسوس ہوتا کہ وہ مجسم گھڑی بن گئی ہے۔ اس کا رواں رواں ٹک ٹک کرنے لگتا۔ وہ اس سے زبانی تو کچھ نہیں کہہ سکتی تھی، اس لیے کہ شرم و حیا اجازت نہیں دیتی تھی۔ اس نے ایک رات لیکچرار کے نام خط لکھا۔ اس نے اپنی زندگی بھر میں ایسا خط کبھی نہیں لکھا تھا حالانکہ وہ اپنے خاندان میں خط لکھنے کے معاملے میں کافی مشہور تھی کہ ہر بات بڑے سلیقے سے لکھتی ہے، لیکن یہ خط لکھتے ہوئے اسے بڑی دقتیں پیش آئیں۔ القاب کیا ہو، مضمون کیسا ہونا چاہیے، پھر یہ سوال بھی اس کے درپیش تھا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ یہ خط اس کے باپ کے حوالے کردے۔ وہ ایک عرصے تک سوچتی رہی۔ اس کے دل میں کئی خدشے تھے لیکن آخر اس نے فیصلہ کرلیا کہ وہ خط ضرور لکھے گی۔ چنانچہ اس نے رائٹنگ پیڈ کے کئی کاغذ ضائع کرکے چند سطور اس لیکچرار کے نام لکھیں:۔

’’آپ بڑے اچھے استاد ہیں۔ مجھے اس طرح پڑھاتے ہیں جیسے۔ جیسے آپ کو مجھ سے خاص لگاؤ ہے۔ ورنہ اتنی محنت کون استاد کرتا ہے۔ میرا تو یہ جی چاہتا ہے کہ ساری عمر آپ میرے استاد اور میں آپ کی شاگرد رہوں۔ بس اس سے زیادہ میں اور کچھ نہیں لکھ سکتی۔ ‘‘

یہ خط اس نے کئی دن اپنے پرس میں رکھا۔ اس کے بعد جرأت سے کام لے کر اس نے کاغذ کا یہ پرزہ اپنے استاد کی جیب میں دھڑکتے ہوئے دل کے ساتھ ڈال دیا۔ دوسرے روز جب وہ شام کو ٹھیک پانچ بجے آیا تو اس کا دل بہت زور سے دھڑک رہا تھا۔ اس نے کسی قسم کے رد عمل کا اظہار نہ کیا۔ اسے سخت مایوسی ہوئی۔ دو گھنٹے کے بعد جب وہ چلا گیا تو اس نے بڑے چڑچڑے پن سے اپنی کتابیں اٹھائیں اور اپنے کمرے میں جانے لگی۔ ایک کتاب اس کے ہاتھ سے گر پڑی۔ طاہرہ نے بڑی بے دلی سے اٹھائی تو اس کے اوراق میں سے کاغذ کا ایک ٹکڑا جھانکنے لگا۔ اس نے یہ ٹکڑا نکالا۔ اس پر چند الفاظ مرقوم تھے۔ طاہرہ کے زخمی جذبات پر مرہم کے پھاہے لگ گئے۔ اس کے استاد نے یہ لکھا تھا:

’’مجھے تمہاری تحریر مل گئی ہے۔ میں سب کچھ سمجھ گیا ہوں۔ زندگی بھر تمہارا استاد رہنے کا تو میں وعدہ نہیں کرسکتا لیکن خادم ضرور رہوں گا۔ میں استادی شاگردی سے تنگ آگیا ہوں۔ تمہاری غلامی اس سے ہزار درجے بہتر ہو گی۔ ‘‘

اس کے بعد دونوں میں کتابوں کے اوراق کی اوٹ میں خط و کتابت ہوتی رہی۔ لیکن طاہرہ کے والدین کو یکلخت شہر چھوڑنا پڑا، اس لیے کہ اس کے باپ ظہیر کی تبدیلی کسی سلسلے میں دوسرے شہر میں ہو گئی۔ طاہرہ کو ہوسٹل میں داخل کردیا گیا، جس کی سپرنٹنڈنٹ مس جیکسن تھی۔ اس کا قیام اسی ہوٹل میں تھا۔ کالج سے فارغ ہو کر آتی تو اپنے کمرے میں اکثر ناول پڑھتی رہتی۔ عجیب عجیب قسم کے۔ ہوسٹل کی لڑکیاں اس کے پاس آتیں اور اس کے کئی ناول چرا کے لے جاتیں اور مزے لے لے کر پڑھتیں۔ پھر واپس وہیں پررکھ دیتیں جہاں سے انھوں نے اٹھائے تھے۔ مس جیکسن کو لڑکیوں کی اس شرارت کا کوئی علم نہیں تھا۔ طاہرہ نے بھی کئی ناول پڑھے اور اس کا عشق اپنے استاد کے عشق سے بڑھتا گیا۔ وہ ہوسٹل سے باہر نکل نہیں سکتی تھی اس لیے اس نے ایک خط لکھا اور اسے کسی نہ کسی طریقے سے اپنے استاد تک پہنچا دیا۔ یہ خط جو اس نوجوان لیکچرار نے جواب میں لکھا تھا، غلط ہاتھوں میں پہنچ گیا۔ یعنی ناہید کے پاس جس کو طاہرہ سے صرف اس لیے بغض تھا کہ وہ اس کے مقابلے میں کہیں زیادہ خوب صورت تھی۔ یہ خط اس نے پرنسپل کے حوالے کردیا۔ طاہرہ، جب اپنی ساری داستان سنا چکی جو مس جیکسن نے بڑی دلچسپی لیتے ہوئے سنی تو اس نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد طاہرہ سے کہا۔

’’اب تم کیا چاہتی ہو؟‘‘

’’مجھے کچھ معلوم نہیں۔ آپ جو فیصلہ فرمائیں گی، مجھے منظور ہو گا۔ ‘‘

مس جیکسن اپنی کرسی پر سے اٹھیں اور کہا

’’نہیں طاہرہ، محبت کے معاملے میں مجھے فیصلہ دینے کا اختیار نہیں۔ یہ مذہب سے بھی زیادہ مقدس جذبہ ہے۔ تم خود بتاؤ۔ ‘‘

طاہرہ نے شرم سے بھری ہوئی آنکھیں جو نم آلود تھیں، جھکا کر صرف اتنا کہا

’’میں ان سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔ ‘‘

مس جیکسن نے ٹھیٹ پرنسپلانہ انداز میں پوچھا۔

’’کیا وہ بھی چاہتا ہے؟‘‘

’’اس نے ابھی تک اس خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ لیکن وہ۔ ‘‘

’’میں سمجھتی ہوں۔ وہ بھی تو تم سے محبت کرتا ہے۔ اسے کیا عذر ہو سکتا ہے۔ لیکن کیا تمہارے والدین رضا مند ہو جائیں گے؟‘‘

’’ہرگز نہیں ہوں گے۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

’’اس لیے کہ وہ میری منگنی ایک جگہ کر چکے ہیں۔ ‘‘

’’کہاں؟‘‘

’’میرے خالہ زاد بھائی کے ساتھ۔ ‘‘

’’ہم کرسچینوں میں تو ایسا نہیں ہوتا۔ ‘‘

’’ہمارے ہاں تو اکثر ایسا ہوتا ہے۔ ‘‘

’’خیر چھوڑو اس بات کو۔ کیا میں تمہارے اس لیکچرار کو اپنے پاس بلا کر اس سے مفصل بات چیت کروں؟ طاہرہ یہ زندگی بھر کا سوال ہے ایسا نہ ہوکوئی غلطی ہو جائے۔ میں عمر میں تم سے بہت بڑی ہوں۔ میں تمہیں صحیح مشورہ دوں گی۔ ایک مرتبہ تم مجھے اس سے مل لینے دو۔ ‘‘

طاہرہ نے شکریہ ادا کیا۔

’’آپ ضرور ملیے لیکن۔ اس سے کہہ دیجیے گا۔ کہ۔ ‘‘

پرنسپل نے بڑی شفقت سے کہا۔

’’رک کیوں گئی ہو۔ جو کچھ تم اس سے کہنا چاہتی ہو، مجھ سے کہہ دو۔ ‘‘

’’جی۔ بس صرف اتنا کہ اگر اس کے قدم مضبوط نہ رہے تو میں خود کشی کرلوں گی۔ عورت زندگی میں۔ صرف ایک ہی مرد سے محبت کرتی ہے۔ ‘‘

محبت کا لفظ سنتے ہی پرنسپل مس اڈنا جیکسن کے دل کی جھریاں اور زیادہ گہری ہو گئیں۔ اس نے طاہرہ کے آنسو اپنے رومال سے بڑی شفقت کے ساتھ پونچھتے ہوئے رخصت کردیا۔ اس کے بعد اس نے گھنٹی بجا کر چپڑاسی کو اندر بلایا۔ اس نے بڑے ضروری کاغذات اس کے میز پر رکھے۔ اس نے سرسری نظر سے ان کو دیکھا۔ ایک کاغذ پر طاہرہ کے اس لیکچرار کے نام خط لکھا کہ وہ ازراہ کرم اس سے کسی وقت شام کو بورڈنگ ہاؤس میں ملے۔ یہ خط اس نے لفافے میں ڈالا، پتہ لکھا اور چپڑاسی سے کہا کہ فوراً سائیکل پر جائے اور یہ لفافہ لیکچرار صاحب کو پہنچا دے۔ چپڑاسی چلا گیا۔ شام کو مس اڈنا جیکسن اپنے کمرے میں بیٹھی پرچے دیکھ رہی تھی کہ نوکر نے اطلاع دی کہ ایک صاحب آپ سے ملنے آئے ہیں۔ وہ سمجھ گئی کہ یہ صاحب کون ہیں، چنانچہ اس نے نوکر سے کہا۔

’’انھیں اندر لے آؤ!‘‘

طاہرہ کا استاد ہی تھا جو اس کے کمرے میں داخل ہوا۔ مس جیکسن نے اس کا استقبال کیا۔ گرمیوں کا موسم تھا۔ جون کا مہینہ، سخت تپش تھی۔ مس جیکسن اس سے بڑے اخلاق کے ساتھ پیش آئی۔ نوجوان لیکچرار بہت متاثر ہوا۔ اِدھر اُدھر کی باتیں ہوتی رہیں۔ مس اڈنا جیکسن طاہرہ کے بارے میں بات شروع کرنے ہی والی تھی کہ اس پر ہسٹیریا کا دورہ پڑ گیا۔ اس کو یہ مرض بہت دیر سے لاحق تھا۔ لیکچرار بہت فکر مند ہوا۔ گھر میں کوئی نوکر نہیں تھا، اس لیے کہ وہ چھٹی کرکے کہیں باہر سو رہے تھے۔ اس نے خود ہی جو اس کی سمجھ میں آیا، کیا۔ جب۔ کالج گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد کھلا تو لڑکیوں کو یہ سن کر بڑی حیرت ہوئی کہ ان کی پرنسپل مس اڈنا جیکسن سے اس لیکچرار کی شادی ہو گئی ہے، جس کو طاہرہ سے محبت تھی۔ یہ دلچسپ بات ہے کہ لیکچرار لطیف کی عمرپچیس برس کے قریب ہو گی اور مس اڈنا جیکسن کی لگ بھگ پچاس برس۔

سعادت حسن منٹو

مرزا غالبؔ کی حشمت خاں کے گھر دعوت

جب حشمت خاں کو معلوم ہو گیا ہے کہ چودھویں(ڈومنی) اس کے بجائے مرزا غالبؔ کی محبت کا دم بھرتی ہے۔ حالانکہ وہ اس کی ماں کو ہر مہینے کافی روپے دیتا ہے اور قریب قریب طے ہو چکا ہے کہ اس کی مسی کی رسم بہت جلد بڑے اہتمام سے ادا کردی جائے گی، تو اس کو بڑا تاؤ آیا۔ اس نے سوچا کہ مرزا نوشہ کو کسی نہ کسی طرح ذلیل کیا جائے۔ چنانچہ ایک دن مرزا کو رات کو اپنے یہاں مدعو کیا۔ مرزا غالب وقت کے بڑے پابند تھے۔ جب حشمت خاں کے ہاں پہنچے تو دیکھا کہ گنتی کے چند آدمی چھولداری کے نیچے شمعوں کی روشنی میں بیٹھے ہیں۔ گاؤ تکیے لگے ہیں۔ اُگالدان جابجا قالینوں پر موجود پڑے ہیں۔ غالب آئے، تعظیماً سب اٹھ کھڑے ہوئے اور ان سے معانقہ کیا اور حشمت خاں سے مخاطب ہوئے

’’ہائیں۔ خاں صاحب یہاں تو سنّاٹا پڑا ہے۔ ابھی کوئی نہیں آیا؟‘‘

حشمت خاں مسکرایا

’’یوں کیوں نہیں کہتے کے اندھیرا پڑا ہے۔ چودھویں آئے تو ابھی چاندنی چھٹک جائے۔ ‘‘

مرزا غالبؔ نے یہ چوٹ بڑے تحمل سے برداشت کی۔

’’سچ تو یوں ہے کہ آپ کے گھر میں چودھویں کے دم سے روشنی ہے۔ ہتکڑیوں کی جھنکار اور آپ کی تیز رفتار کے سوا دھرا ہی کیا ہے؟‘‘

حشمت خاں کھسیانا سا ہو گیا۔ اس کو کوئی جواب نہ سوجھا۔ اتنے میں دو تین اصحاب اندر داخل ہوئے جن کو حشمت خاں نے مدعو کیا تھا۔ آگے آئیے جناب جمیل احمد خاں صاحب۔ آئیے اور بھئی سرور خاں، تم نے بھی حد کردی۔ ‘‘

حشمت خاں کے ان مہمانوں نے جو اس کے دوست تھے، موزوں و مناسب الفاظ میں معذرت چاہی اور چاندنی پر بیٹھ گئے۔ حشمت خاں نے اپنے ملازم کو اپنی گرج دار آواز میں بلایا

’’منے خاں!‘‘

’’بی چودھویں ابھی تک نہیں آئیں۔ کیا وجہ؟‘‘

منے خاں نے عرض کی

’’جی حضور، بہت دیر سے آئی ہیں، لال کمرے میں ہیں۔ سارے سماجی حاضر ہیں۔ کیا حکم ہے؟‘‘

حشمت خاں طشتری میں سے پان کا چاندی اور سونے کے ورق لگا ہوا بیڑا اٹھایا اور اپنے نوکر کو دیا

’’لو یہ بیڑا دے دو۔ محفل میں آجائیں گانا اور ناچ شروع ہو۔ ‘‘

مُنے خاں لال کمرے میں گیا۔ چودھویں، چُوڑی دار پائجامہ پہنے دونوں ٹخنوں پر گھنگھرو باندھے تیار بیٹھی تھی۔ اس نے اس سانولی سلونی جوانی کو بیڑا دیا۔ چودھویں نے اسے لے کر ایک طرف رکھ دیا۔ اٹھی، دونوں پاؤں فرش پر مار کر گھنگھرؤں کی نشست دیکھی اور سماجیوں سے کہا

’’تم لوگ چلو اور لہرا بجانا شروع کرو۔ میں آئی۔ ‘‘

سماجیوں نے حاضرین کو فرشی سلام کیا اور ایک طرف بیٹھ گئے۔ طبلہ سارنگی سے ملنے لگا، لہرا بجنا شروع ہوا ہی تھا کہ چودھویں، لال کمرے ہی سے ناچتی تھرکتی محفل میں آئی۔ کورنش بجا لا کر ایک چھناکے کے ساتھ ناچنے لگی۔ جمیل احمد نے ایک توڑے پر بے اختیار ہو کرکہا

’’بی چودھویں، کیا کیا ناچ کے انگوں میں بھاؤ لجاؤ بتا رہی ہو۔ ‘‘

چودہویں نے جو کہ ایک نیا توڑا لے رہی تھی، اسے ختم کرکے تسلیم بجا لاتے ہوئے کہا

’’حضور، آپ رئیس لوگ قدر دانی فرماتے ہیں ورنہ میں ناچنا کیا جانوں۔ ‘‘

سرور خاں بہت مسرور تھے، کہا

’’سچ تو یہ ہے، بی چودھویں تم ناچتی ہو تو معلوم ہوتا ہے پھل جھڑی پھوٹ رہی ہے۔ ‘‘

جمیل احمد سرور خاں سے مخاطب ہوئے

’’اماں گُل ریز نہیں کہتے۔ ‘‘

پھر انہوں نے غالبؔ کی طرف دیکھا

’’کیوں مرزا نوشہ۔ صحیح عرض کررہا ہوں نا؟‘‘

غالبؔ نے تھوڑے توقف کے بعد چودہویں کی طرف کنکھیوں سے دیکھا

’’میں تو نہ پھل جھڑی کہوں گا اور نہ گُل ریز۔ بلکہ یوں کہوں گا کہ معلوم ہوتا ہے مہتاب پھوٹ رہی ہے۔ ‘‘

جمیل احمد بولے

’’واہ واہ۔ کیوں نہ ہو۔ شاعر ہیں ناشاعر، چودھویں کا ناچ اور مہتاب، نہ پھل جھڑی نہ گل ریز۔ سبحان اللہ، سبحان اللہ!‘‘

حشمت خاں نے اپنی مخصوص گرجدار آواز میں کہا

’’ایک تو یوں ان بی صاحبہ کا دماغ چوتھے آسمان پر ہے، آپ لوگ اور ساتویں آسمان پر پہنچا رہے ہیں‘‘

چودھویں ناچتے ہوئے ایک ادا سے حشمت خاں کو کہتی ہے،

’’جی ہاں آپ کو تو بس کیڑے ڈالنے آتے ہیں۔ ‘‘

حشمت خاں مسکراتا ہے اور اپنے دوستوں کی طرف دیکھتا ہے۔

’’اچھا حضرات سُنیے۔ چودھویں جس وقت ناچتی ہے، معلوم دیتا ہے پانی پر مچھلی تیر رہی ہے۔ ‘‘

پھر چودھویں سے مخاطب ہوتا ہے

’’لے اب خوش ہوئیں‘‘

چودھویں ناچنا بند کردیتی ہے اور ننھی سی ناک چڑھا کر کہتی ہے،

’’دماغ کہاں پہنچا ہے۔ سڑی بدبودار مچھلی۔ دُورپار۔ نوج میں کیا مچھلی ہوں‘‘

محفل میں فرمائشی قہقہے لگتے ہیں۔ حشمت خاں کو چودہویں کا جواب ناگوار معلوم ہوتا ہے۔ مگر چودھویں اس کے بگڑے ہوئے تیوروں کی کوئی پرواہ نہیں کرتی اور غالبؔ کو محبت کی نظر سے دیکھ کر ان کی یہ غزل بڑے جذبے کے ساتھ گانا شروع کرتی ہے یہ ہم جو ہجر میں دیوارو در کو دیکھتے ہیں کبھی صبا کو کبھی نامہ بر کو دیکھتے ہیں! وہ آئیں گھرمیں ہمارے خدا کی قدرت ہے کبھی کم ان کو کبھی اپنے گھر کو دیکھتے ہیں! چودھویں یہ غزل غالبؔ کی طرف رُخ کرکے گاتی ہے اور کبھی کبھی مسکرا دیتی ہے۔ غالبؔ بھی متبسم ہو جاتے ہیں۔ حشمت خاں جل بھن جاتا ہے اور چودھویں سے بڑے کڑے لہجے میں کہتا ہے

’’ارے ہٹاؤ، یہ غزلیں وزلیں، کوئی ٹھمری داد راگاؤ‘‘

چودھویں غزل گانا بند کردیتی ہے۔ مززا غالب کی طرف تھوڑی دیر ٹکٹکی باندھ کر دیکھتی ہے اور یہ ٹھمری الاپنا شروع کرتی ہے ع پیا بن ناہیں چین حشمت خاں کے سارے منصوبے خاک میں ملے جارہے تھے۔ اپنی کرخت آواز میں جان محمد کو بُلاتا اور اس سے کہتا ہے

’’وہ میرا صندوقچہ لانا۔ ‘‘

جان محمد بڑے ادب سے دریافت کرتا ہے

’’کون سا صندوقچہ حضور؟‘‘

’’ارے وہی، جس میں کل میں نے تمہارے سامنے کچھ زیورات لا کے رکھے ہیں۔ ‘‘

گانا جاری رہتا ہے۔ اس دوران میں جان محمد صندوقچہ لا کر حشمت خاں کے سامنے رکھ دیتا ہے۔ وہ غالبؔ کو جو چودھویں کا گانا سننے میں محو ہے ایک نظر دیکھ کرمسکراتاہے۔ صندوقچہ کھول کر ایک جڑاؤ گلوبند نکال کر چودھویں سے مخاطب ہوتا ہے

’’چودھویں۔ ادھر دیکھو۔ یہ گُلوبند کس کا؟‘‘

چودہویں ایک ادا کے ساتھ جواب دیتی ہے

’’میرا‘‘

حشمت خاں، غالبؔ کی طرف معنی خیز نظروں سے دیکھتا ہے اور صندوقچے سے جڑاؤ جھالے نکال کر چودھویں سے پوچھتا ہے،

’’اچھا یہ جھالے کس کے!‘‘

پھر وہی ادا، پر اب جو تصنع اختیار کررہی تھی

’’میرے!‘‘

حاضرین یہ تماشا دیکھ رہے تھے، جن میں مرزا غالبؔ بھی شامل تھے۔ سب حیران تھے کہ یہ ہو کیا رہا ہے۔ حشمت خاں اب کی کڑے نکالتا ہے

’’چودھویں یہ کڑوں کی جوڑی کس کی؟‘‘

چودھویں کی ادا بالکل بناوٹ ہو گئی

’’میری!‘‘

اب حشمت خاں بڑی خود اعتمادی سے اس سے سوال کرتا ہے،

’’اچھا اب بتاؤ، چودھویں کس کی؟‘‘

چودھویں توقف کے بعد ذرا آنچل کی آڑ لے کر دیکھتی ہے

’’آپ کی‘‘

غالبؔ خاموش رہتے ہیں۔ لیکن حشمت خاں جو شاید چودھویں کے آنچل کی اوٹ کا جواب سمجھ نہیں سکا تھا، مرزا سے کہا

’’آپ بھی گواہ رہیے گا۔ ‘‘

غالبؔ نے ذرا تیکھے پن سے جواب دیا

’’سازشی مقدمے میں گواہی مجھ سے دلواتے ہو۔ ‘‘

’’تم نے نہیں سنا؟‘‘

مرزا غالبؔ محفل سے اٹھ کر جاتے ہوئے حشمت خاں سے کہتے ہیں،

’’کچھ دیکھا نہ کچھ سنا۔ اور دوسرے مجھی سے مقدمہ اور مجھی سے گواہی۔ غضب، اندھیر!‘‘

غالبؔ کے جانے کے بعد محفل درہم برہم ہو جاتی ہے۔ چودھویں سے حشمت خاں گانا جاری رکھنے کے لیے کہتا ہے۔ صرف حکم کی تعمیل کے لیے وہ گاتی ہے، مگر اکھڑے ہوئے سروں میں۔ حشمت خاں دلی طور پر محسوس کرتا ہے کہ وہ شکست خوردہ ہے۔ آج کا میدان غالبؔ مار گئے۔ دوسرے روز صبح غالبؔ کا بھیجا ہوا آدمی مداری چودھویں کے گھر پہنچتا ہے اور چودھویں سے ملتا ہے۔ وہ اس کو پہچانتی تھی، اس لیے بہت خوش ہوتی ہے اور اس سے پوچھتی ہے

’’کیوں میاں مردھے، کہاں سے آئے ہو؟‘‘

’’جی حبش خاں کے پھاٹک سے آیا ہوں۔ نواب مرزا اسد اللہ خاں صاحب نے بھیجا ہے۔ ‘‘

چودھویں کا دل دھڑکنے لگا

’’کیوں کیا بات ہے؟‘‘

’’جی نہیں، انہوں نے یہ توڑا بھیجا ہے‘‘

یہ کہہ کر مداری ایک توڑا چودھویں کو دیتا ہے، جسے وہ جلدی جلدی بڑے اشتیاق سے کھولتی ہے۔ اس میں سے زیورات نکلتے ہیں۔ مداری اس سے کہتا ہے

’’بی بی جی گن کے سنبھال لیجیے اور ایک بات جو نواب صاحب نے کہی ہے، وہ سُن لیجیے۔ ‘‘

’’کیا کہا؟‘‘

مداری تھوڑی ہچکچاہٹ کے بعد زبان کھولتا ہے۔

’’انہوں نے کہا تھا۔ اپنے رئیس جمعدار حشمت خاں سے کہنا کہ جن مقدموں کا فیصلہ روپیہ پیسہ چڑھا کربڑی آسانی سے اپنے حق میں ہو جائے، ان پر گواہوں کی ضرورت نہیں ہوا کرتی۔ ‘‘

چودھویں گزشتہ رات کے واقعات کی روشنی میں مرزا نوشہ کی اس بات کو فوراً سمجھ جاتی ہے اور دانتوں سے اپنی مخروطی انگلیوں کے ناخن کاٹنا شروع کردیتی ہے اور سخت پریشان ہو کر کہتی ہے

’’وہی ہوا جو میں سمجھتی تھی۔ میاں مردھے، تم ذرا ٹھہرو، تو میں تم سے کچھ کہوں‘‘

مداری چند لمحات سوچتا ہے

’’لیکن بی بی جی نواب صاحب نے فرمایا تھا کہ دیکھو مداری، یہ توڑا دے آنا۔ واپس نہ لانا اور فوراً چلے آنا۔ ‘‘

چودھویں اور زیادہ مضطرب ہو جاتی ہے

’’ذرا دم بھر ٹھہرو۔ سنو، ان سے کہنا۔ میں کیوں کر۔ ہاں یہ کہنا کہ میری سمجھ میں کچھ بھی نہیں آتا۔ لیکن سنا تم نے۔ کہنا میں مجبوری سے کہہ گئی۔ نہیں نہیں مردھے بابا کہنا، ہاں کیا؟۔ بس یہی کہ میرا قصور کچھ نہیں‘‘

یہ کہتے کہتے اس کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔

’’لیکن سنا میاں مداری۔ تم اتنا ضرور کہنا کہ آپ خود تشریف لائیں، تو میں اپنے دل کا حال کہوں۔ اچھا تو یوں کہنا۔ زبانی عرض کروں گی۔ ہائے اور کیا کہوں۔ سنو میرا ہاتھ جوڑ کر سلام کہنا۔ ‘‘

مداری اچھا اچھا کہتا چلا جاتا ہے۔ لیکن چودھویں اسے آنسو بھری آنکھوں سے سیڑھیوں کے پاس ہی روک لیتی ہے۔

’’اے میاں مردھے۔ اے میاں مداری۔ کہنا میری جان کی قسم ضرور آئیے گا۔ کہنا میرا مردہ دیکھیے۔ چودھویں بدنصیب کو اپنے ہاتھ سے گاڑیئے جو نہ آیئے۔ دیکھو ضرور سب کچھ کہنا‘‘

مداری چلا جاتا ہے۔ وہ روتی روتی بیٹھک میں آتی ہے اور گاؤ تکیے پر گر کر آنسو بہانے لگتی ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد جمعدار حشمت خاں آتا ہے اور معنی خیز نظروں سے اس کو دیکھتا ہے۔ چودہویں کواس کی آمد کا کچھ احساس نہیں ہوتا، اس لیے وہ غم و اندوہ کے ایک اتھاہ سمندر میں تھپیڑے کھا رہی تھی۔ حشمت خاں اس کے پاس ہی مسند پر بیٹھ جاتا ہے۔ پھر بھی چودھویں کو اس کی موجودگی کا کچھ پتہ نہیں چلتا۔ بے خودی کے عالم میں وہ اُس کی طرف بالکل خالی نظروں سے دیکھتی ہے اور بڑبڑاتی ہے

’’جانے وہ ان سے سب باتیں کہے گا بھی یا نہیں‘‘

حشمت خاں جو اس کے پاس ہی بیٹھا تھا، کرخت آواز میں بولا

’’میری جان مجھ سے کہی ہوتیں تو ایک ایک تمہارے مرزا نوشہ تک پہنچا دیتا۔ ‘‘

چودھویں چونک پڑتی ہے، جیسے اس کو خوابوں کی دنیا میں کسی نے ایک دم جھنجھوڑ کر جگا دیا۔ اس کی آنسو بھری آنکھیں دُھندلی ہورہی تھیں۔ اسے صرف سیاہ نوکیلی مونچھیں دکھائی دیں، جن کا ایک ایک بال اس کے دل میں تکلوں کی طرح چُبھتا گیا۔ آخر اسے کوئی ہوش نہ رہا۔ وہ سمجھتا تھا کہ یہ بھی ایک چلتر ہے جو عام طور پر طوائفوں اور ڈومنیوں سے منسوب ہے۔ وہ زور زور سے قہقہے لگاتا رہا اور ڈومنی بے ہوشی کے عالم میں مرزا نوشہ کی خاطر مدارت میں فوراً مشغول ہو گئی تھی۔ اس لیے کہ وہ اس کے بلانے پر آگئے تھے۔

سعادت حسن منٹو

محمودہ

مستقیم نے محمودہ کو پہلی مرتبہ اپنی شادی پر دیکھا۔ آر سی مصحف کی رسم ادا ہورہی تھی کہ اچانک اس کو دو بڑی بڑی۔ غیر معمولی طور پر بڑی آنکھیں دکھائی دیں۔ یہ محمودہ کی آنکھیں تھیں جو ابھی تک کنواری تھیں۔ مستقیم، عورتوں اور لڑکیوں کے جھرمٹ میں گھرا تھا۔ محمودہ کی آنکھیں دیکھنے کے بعد اسے قطعاً محسوس نہ ہوا کہ آر سی مصحف کی رسم کب شروع ہوئی اور کب ختم ہوئی۔ اس کی دلہن کیسی تھی، یہ بتانے کے لیے اس کو موقع دیا گیا تھا۔ مگر محمودہ کی آنکھیں اس کی دلہن اور اس کے درمیان ایک سایہ مخملیں پردے کے مانندہ حائل ہو گئیں۔ اس نے چوری چوری کئی مرتبہ محمودہ کی طرف دیکھا۔ اس کی ہم عمر لڑکیاں سب چہچہا رہی تھی۔ مستقیم سے بڑے زوروں پر چھیڑ خانی ہورہی تھی۔ مگر وہ الگ تھلگ، کھڑکی کے پاس گھٹنوں پر ٹھوڑی جمائے، خاموش بیٹھی تھی۔ اس کا رنگ گورا تھا۔ بال تختیوں پر لکھنے والی سیاہی کے مانند کالے اور چمکیلے تھے۔ اس نے سیدھی مانگ نکال رکھی تھی جو اس کے بیضوی چہرے پر بہت سجتی تھی۔ مستقیم کا اندازہ تھا کہ اس کا قدچھوٹا ہے چنانچہ جب وہ اٹھی تو اس کی تصدیق ہو گئی۔ لباس بہت معمولی قسم کا تھا۔ دوپٹہ جب اس کے سر سے ڈھلکا اور فرش تک جا پہنچا تو مستقیم نے دیکھا کہ اس کا سینہ بہت ٹھوس اور مضبوط تھا۔ بھرابھرا جسم، تیکھی ناک، چوڑی پیشانی، چھوٹا سا لبِ دہان۔ اور آنکھیں۔ جو دیکھنے والے کو سب سے پہلے دکھائی دیتی تھی۔ مستقیم اپنی دلہن گھر لے آیا۔ دو تین مہینے گزر گئے۔ وہ خوش تھا، اس لیے کہ اس کی بیوی خوبصورت اور باسلیقہ تھی۔ لیکن وہ محمودہ کی آنکھیں ابھی نہیں بھول سکا تھا۔ اس کو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ اس کی دل و دماغ پر مرتسم ہو گئی ہیں۔ مستقیم کومحمودہ کا نام معلوم نہیں تھا۔ ایک دن اس نے اپنی بیوی، کلثوم سے برسبیل تذکرہ پوچھا۔

’’وہ۔ وہ لڑکی کون تھی ہماری شادی پر۔ جب آر سی مصحف کی رسم ادا ہورہی تھی، وہ ایک کونے میں کھڑکی کے پاس بیٹھی ہوئی تھی۔ ‘‘

کلثوم نے جواب دیا۔

’’میں کیا کہہ سکتی ہوں۔ اس وقت کئی لڑکیاں تھیں۔ معلوم نہیں آپ کس کے متعلق پوچھ رہے ہیں۔ ‘‘

مستقیم نے کہا۔

’’وہ۔ وہ جس کی یہ بڑی بڑی آنکھیں تھیں۔ ‘‘

کلثوم سمجھ گئی۔

’’اوہ۔ آپ کا مطلب محمودہ سے ہے۔ ہاں، واقعی اس کی آنکھیں بہت بڑی ہیں، لیکن بری نہیں لگتیں۔ غریب گھرانے کی لڑکی ہے۔ بہت کم گو اور شریف۔ کل ہی اس کی شادی ہوئی ہے۔ ‘‘

مستقیم کو غیر ارادی طور پر ایک دھچکا سا لگا۔

’’اس کی شادی ہو گئی کل؟‘‘

’’ہاں۔ میں کل وہیں تو گئی تھی۔ میں نے آپ سے کہا نہیں تھا کہ میں نے اس کو ایک انگوٹھی دی ہے؟‘‘

’’ہاں ہاں۔ مجھے یاد آگیا۔ لیکن مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ تم جس سہیلی کی شادی پر جا رہی ہو، وہی لڑکی ہے، بڑی بڑی آنکھوں والی۔ کہاں شادی ہوئی ہے اس کی؟‘‘

کلثوم نے گلوری بنا کر اپنے خاوند کو دیتے ہوئے کہا۔

’’اپنے عزیزوں میں۔ خاوند اس کا ریلوے ورکشاپ میں کام کرتا ہے، ڈیڑھ سو روپیہ ماہوار تنخواہ ہے۔ سنا ہے بے حد شریف آدمی ہے۔ ‘‘

مستقیم نے گلوری کلّے کے نیچے دبائی۔

’’چلو، اچھا ہو گیا ہے۔ لڑکی بھی، جیسا کہ تم کہتی ہو، شریف ہے۔ ‘‘

کلثوم سے نہ رہا۔ اسے تعجب تھاکہ اس کا خاوندہ محمودہ میں اتنی دلچسپی کیوں لے رہا ہے۔

’’حیرت ہے کہ آپ نے اس کو محض ایک نظر دیکھنے پر بھی یاد رکھا۔ ‘‘

مستقیم نے کہا۔

’’اس کی آنکھیں کچھ ایسی ہیں کہ آدمی انھیں بھول نہیں سکتا۔ کیا میں جھوٹ کہتا ہوں؟‘‘

کلثوم دوسرا پان بنا رہی تھی۔ تھوڑے سے وقفے کے بعد وہ اپنے خاوند سے مخاطب ہوئی۔

’’میں اس کے متعلق کچھ کہہ نہیں سکتی۔ مجھے تو اس کی آنکھوں میں کوئی کشش نظر نہیں آتی۔ مرد جانے کن نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ ‘‘

مستقیم نے مناسب خیال کہ اس موضوع پر اب مزید گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔ چنانچہ جواب مسکرا کروہ اٹھا اور اپنے کمرے میں چلا گیا۔ اتوار کی چھٹی تھی۔ حسب معمول اسے اپنی بیوی کے ساتھ میٹنی شو دیکھنے جانا چاہیے تھا، مگر محمودہ کا ذکر چھیڑ کر اس نے اپنی طبیعت مکدر کرلی تھی۔ اس نے آرام کرسی پر لیٹ کرتپائی پر سے ایک کتاب اٹھائی جسے وہ دو مرتبہ پڑھ چکا تھا۔ پہلا ورق نکالا اور پڑھنے لگا، مگر حرف گڈمڈ ہوکر محمودہ کی آنکھیں بن جائے۔ مستقیم نے سوچا۔

’’شاید کلثوم ٹھیک کہتی تھی کہ اسے محمودہ کی آنکھوں میں کوئی کشش نظر نہیں آتی۔ ہو سکتا ہے کسی اور مرد کو بھی نظر نہ آئے۔ ایک صرف میں ہوں جسے دکھائی دی ہے۔ پر کیوں۔ میں نے ایسا کوئی ارادہ نہیں کیا تھا۔ میری ایسی کوئی خواہش نہیں تھی کہ وہ میرے لیے پرکشش بن جائیں۔ ایک لحظے کی تو بات تھی۔ بس میں نے ایک نظر دیکھا اور وہ میرے دل ودماغ پر چھا گئیں۔ اس میں نہ ان آنکھوں کا قصور ہے، نہ میری آنکھوں کا جن سے میں نے انھیں دیکھا تھا۔ ‘‘

اس کے بعد مستقیم نے محمودہ کی شادی کے متعلق سوچنا شروع کیا۔

’’تو ہو گئی اس کی شادی۔ چلو اچھا ہوا۔ لیکن دوست یہ کیا بات ہے کہ تمہارے دل میں ہلکی سی ٹیس اٹھتی ہے۔ کیا تم چاہتے تھے کہ ان کی شادی نہ ہو۔ سدا کنواری رہے، کیوں کہ تمہارے دل میں اس سے شادی کرنے کی خواہش تو کبھی پیدا نہیں ہوئی، تم نے اس کے متعلق کبھی ایک لحظے کے لیے بھی نہیں سوچا، پھر جلن کیسی۔ اتنی دیر تمہیں اسے دیکھنے کا کبھی خیال نہ آیا، پر اب تم کیوں اسے دیکھنا چاہتے ہو۔ بفرض محال دیکھ بھی لو تو کیا کرلو گے، اسے اٹھا کر اپنی جیب میں رکھ لو گے۔ اس کی بڑی بڑی آنکھیں نوچ کر اپنے بٹوے میں ڈال لو گے۔ بولونا، کیا کرو گے؟‘‘

مستقیم کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں تھا۔ اصل میں اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔ اگر کچھ چاہتا بھی ہے تو کیوں چاہتا ہے۔ محمودہ کی شادی ہو چکی تھی، اور وہ بھی صرف ایک روز پہلے۔ یعنی اس وقت جب کہ مستقیم کتاب کی ورق گردانی کرہا تھا، محمودہ یقیناً دلہنوں کے لباس میں یا تو اپنے میکے یا اپنی سسرال میں شرمائی لجائی بیٹھی تھی۔ وہ خود شریف تھی، اس کا شوہر بھی شریف تھا، ریلوے ورکشاپ میں ملازم تھا اور ڈیڑھ سو روپے ماہوار تنخواہ پاتا تھا۔ بڑی خوشی کی بات تھی۔ مستقیم کی دلی خواہش تھی کہ وہ خوش رہے۔ ساری عمر خوش رہے۔ لیکن اس کے دل میں جانے کیوں ایک ٹیس سی اٹھتی تھی اور اسے بے قرار بنا جاتی تھی۔ مستقیم آخر اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ سب بکواس ہے۔ اسے محمودہ کے متعلق قطعاً سوچا نہیں چاہیے۔ دو برس گزر گئے۔ اس دوران میں اسے محمودہ کے متعلق کچھ معلوم نہ ہوا اور نہ اس نے معلوم کرنے کی کوشش کی۔ حالانکہ وہ اور اس کا خاوند بمبئی میں ڈونگری کی ایک گلی میں رہتے تھے۔ مستقیم گو ڈونگری سے بہت دور ماہم میں رہتا تھا، لیکن اگر وہ چاہتا تو بڑی آسانی سے محمودہ کو دیکھ سکتا تھا۔ ایک دن کلثوم ہی نے اس سے کہا۔

’’آپ کی اس بڑی بڑی آنکھوں والی محمودہ کے نصیب بہت برے نکلے!‘‘

چونک کر مستقیم نے تشویش بھرے لہجے میں پوچھا۔

’’کیوں کیا ہوا؟‘‘

کلثوم نے گلوری بنائے ہوئے کہا۔

’’اس کا خاوند ایک دم مولوی ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’تو اس سے کیا ہوا؟‘‘

’’آپ سن تو لیجیے۔ ہر وقت مذہب کی باتیں کرتا رہتا ہے۔ لیکن بڑی اوٹ پٹانگ قسم کی۔ وظیفے کرتا ہے، چلے کاٹتا ہے اور محمودہ کو مجبورکرتا ہے کہ وہ بھی ایسا کرے۔ فقیروں کے پاس گھنٹوں بیٹھتا رہتا ہے۔ گھر بار سے بالکل غافل ہو گیا ہے۔ داڑھی بڑھالی ہے۔ ہاتھ میں ہر وقت تسبیح ہوتی ہے۔ کام پر کبھی جاتا ہے، کبھی نہیں جاتا۔ کئی کئی دن غائب رہتا ہے۔ وہ بے چاری کڑھتی رہتی ہے۔ گھر میں کھانے کو کچھ ہوتا نہیں، اس لیے فاقے کرتی ہے۔ جب اس سے شکایت کرتی ہے تو آگے سے جواب یہ ہوتا ہے۔ فاقہ کشی اللہ تبارک و تعالیٰ کو بہت پیاری ہے۔ ‘‘

کلثوم نے یہ سب کچھ ایک سانس میں کہا۔ مستقیم نے پندنیا میں سے تھوڑی سی چھالیا اٹھا کر منہ میں ڈالی۔

’’کہیں دماغ تو نہیں جل گا اس کا؟‘‘

کلثوم نے کہا۔

’’محمودہ کا تو یہی خیال ہے۔ خیال کیا، اس کو یقین ہے۔ گلے میں بڑے بڑے منکوں والی مالا ڈالے پھرتا ہے۔ کبھی کبھی سفید رنگ کا چولا بھی پہنتا ہے۔ ‘‘

مستقیم گلوری لے کر اپنے کمرے میں چلا گیا اور آرام کرسی میں لیٹ کر سوچنے لگا۔

’’یہ کیا ہوا۔ ایسا شوہر تو وبال جان ہوتا ہے۔ غریب کس مصیبت میں پھنس گئی ہے۔ میرا خیال ہے کہ پاگل پن کے جراثیم اس کے شوہر میں شروع ہی سے موجود ہوں گے جو اب ایک دم ظاہر ہوئے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اب محمودہ کیا کرے گی۔ اس کا یہاں کوئی رشتہ دار بھی نہیں۔ کچھ شادی کرنے لاہور سے آئے تھے اور واپس چلے گئے تھے۔ کیا محمودہ نے اپنے والدین کو لکھا ہو گا۔ نہیں، اس کے ماں باپ تو جیسا کہ کلثوم نے ایک مرتبہ کہا تھا اس کے بچپن ہی میں مرگئے تھے۔ شادی اس کے چچا نے کی تھی۔ ڈونگری۔ ڈونگری میں شاید اس کی جان پہچان کا کوئی ہو۔ نہیں، جان پہچان کا کوئی ہوتا تو وہ فاقے کیوں کرتی۔ کلثوم کیوں نہ اسے اپنے یہاں لے آئے۔ پاگل ہوئے ہو مستقیم۔ ہوش کے ناخن لو۔ ‘‘

مستقیم نے ایک بار پھر ارادہ کرلیا کہ وہ محمودہ کے متعلق نہیں سوچے گا، اس لیے کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں تھا، بے کار کی مغز پاشی تھی۔ بہت دنوں کے بعد کلثوم نے ایک روز اسے بتایا کہ محمودہ کا شوہر جس کا نام جمیل تھا، قریب قریب پاگل ہو گیا ہے۔ مستقیم نے پوچھا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

کلثوم نے جواب دیا۔

’’مطلب یہ کہ اب وہ رات کو ایک سیکنڈ کے لیے نہیں سوتا۔ جہاں کھڑا ہے، بس وہیں گھنٹوں خاموش کھڑا رہتا ہے۔ محمودہ غریب روتی رہتی ہے۔ میں کل اس کے پاس گئی تھی۔ بے چاری کو کئی دن کا فاقہ تھا۔ میں بیس روپے دے آئی کیوں کہ میرے پاس اتنے ہی تھے۔ ‘‘

مستقیم نے کہا۔

’’بہت اچھا کیا تم نے۔ جب تک اس کا خاوند ٹھیک نہیں ہوتا، کچھ نہ کچھ دے آیا کرو تاکہ غریب کو فاقوں کی نوبت نہ آئے۔ ‘‘

کلثوم نے تھوڑے توقف کے بعد عجیب وغریب لہجے میں کہا۔

’’اصل میں بات کچھ اور ہے۔ ‘‘

’’کیا مطلب؟‘‘

’’محمودہ کا خیال ہے کہ جمیل نے محض ایک ڈھونگ رچا رکھا ہے۔ وہ پاگل واگل ہرگز نہیں۔ بات یہ ہے کہ وہ۔ ‘‘

’’وہ کیا؟‘‘

’’وہ۔ عورت کے قابل نہیں۔ نقص دور کرنے کے لیے وہ فقیروں اور سنیاسیوں سے ٹونے ٹوٹکے لیتا رہتا ہے۔ ‘‘

مستقیم نے کہا۔

’’یہ بات تو پاگل ہونے سے زیادہ افسوسناک ہے۔ محمودہ کے لیے تو یہ سمجھو کہ ازدواجی زندگی ایک خلا بن کر رہ گئی ہے۔ ‘‘

مستقیم اپنے کمرے میں چلا گیا۔ وہ بیٹھ کر محمودہ کی حالت زار کے متعلق سوچنے لگا۔ ایسی عورت کی زندگی کیا ہو گی جس کا شوہر بالکل صفر ہو۔ کتنے ارمان ہوں گے اس کے سینے میں۔ اس کی جوانی نے کتنے کپکپا دینے والے خواب دیکھے ہوں گے۔ اس نے اپنی سہیلیوں سے کیا کچھ نہیں سنا ہو گا۔ کتنی ناامیدی ہوئی ہو گی غریب کو، جب اسے چاروں طرف خلا ہی خلا نظر آیا ہو گا۔ اس نے اپنی گود ہری ہونے کے متعلق بھی کئی بار سوچا ہو گا۔ جب ڈونگری میں کسی کے ہاں بچہ پیدا ہونے کی اطلاع اسے ملتی ہو گی تو بے چاری کے دل پر ایک گھونسا سا لگتا ہو گا۔ اب کیا کرے گی۔ ایسا نہ ہو خود کشی کرلے۔ دو برس تک اس نے کسی کو یہ راز نہ بتایا مگر اس کا سینہ پھٹ پڑا۔ خدا اس کے حال پر رحم کرے!‘‘

بہت دن گزر گئے۔ مستقیم اور کلثوم چھٹیوں میں پنچ گنی چلے گئے۔ وہاں ڈھائی مہینے رہے۔ واپس آئے تو ایک مہینے کے بعد کلثوم کے ہاں لڑکا پیدا ہوا۔ وہ محمودہ کے ہاں نہ جاسکی۔ لیکن ایک دن اس کی ایک سہیلی جو محمودہ کو جانتی تھی، اس کو مبارک باد دینے کے لیے آئی۔ اس نے باتوں باتوں میں کلثوم سے کہا۔

’’کچھ سنا تم نے۔ وہ محمودہ ہے نا، بڑی بڑی آنکھوں والی!‘‘

کلثوم نے کہا۔

’’ہاں ہاں۔ ڈونگری میں رہتی ہے۔ ‘‘

’’خاوند کی بے پروائی نے غریب کو بری باتوں پر مجبور کردیا۔ ‘‘

کلثوم کی سہیلی کی آواز میں درد تھا۔ کلثوم نے بڑے دکھ سے پوچھا۔

’’کیسی بری باتوں پر؟‘‘

’’اب اس کے یہاں غیر مردوں کا آنا جانا ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’جھوٹ!‘‘

کلثوم کا دل دھک دھک کرنے لگا۔ کلثوم کی سہیلی نے کہا۔

’’نہیں کلثوم، میں جھوٹ نہیں کہتی۔ میں پرسوں اس سے ملنے گئی تھی۔ دروازے پر دستک دینے ہی والی تھی کہ اندر سے ایک نوجوان مرد جو میمن معلوم ہوتا تھا، باہر نکلا اور تیزی سے نیچے اتر گیا۔ میں نے اب اس سے ملنا مناسب نہ سمجھا اور واپس چلی آئی۔ ‘‘

’’یہ تم نے بہت بری خبر سنائی۔ خدا اس کو گناہ کے راستے سے بچائے رکھے۔ ہو سکتا ہے وہ میمن اس کے خاوند کا کوئی دوست ہو۔ ‘‘

کلثوم نے خود کو فریب دیتے ہوئے کہا۔ اس کی سہیلی مسکرائی۔

’’دوست، چوروں کی طرح دروازہ کھول کر بھاگا نہیں کرتے۔ ‘‘

کلثوم نے اپنے خاوند سے بات کی تو اسے بہت دکھ ہوا۔ وہ کبھی رویا نہیں تھا پر جب کلثوم نے اسے یہ اندوہ ناک بات بتائی کہ محمودہ نے گناہ کا راستہ اختیار کرلیا ہے تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس نے اسی وقت تہیہ کرلیا کہ محمودہ ان کے یہاں رہے گی، چنانچہ اس نے اپنی بیوی سے کہا۔

’’یہ بڑی خوفناک بات ہے۔ تم ایسا کرو، ابھی جاؤ اورمحمودہ کو یہاں لے آؤ!‘‘

کلثوم نے بڑے روکھے پن سے کہا

’’میں اسے اپنے گھر میں نہیں رکھ سکتی!‘‘

’’کیوں؟‘‘

مستقیم کے لہجے میں حیرت تھی۔

’’بس، میری مرضی۔ وہ میرے گھرمیں کیوں رہے۔ اس لیے کہ آپ کو اس کی آنکھیں پسند ہیں؟‘‘

کلثوم کے بولنے کا انداز بہت زہریلا اور طنزیہ تھا۔ مستقیم کو بہت غصہ آیا، مگر پی گیا۔ کلثوم سے بحث کرنا بالکل فضول تھا۔ ایک صرف یہی ہو سکتا تھا کہ وہ کلثوم کو نکال کر محمودہ کو لے آئے۔ مگر وہ ایسے اقدام کے متعلق سوچ ہی نہیں سکتا تھا۔ مستقیم کی نیت قطعاً نیک تھی۔ اس کو خود اس کا احساس تھا۔ دراصل اس نے کسی گندے زاویہ نگاہ سے محمودہ کو دیکھا ہی نہیں تھا۔ البتہ اس کی آنکھیں اس کو واقعی پسند تھیں۔ اتنی کہ وہ بیان نہیں کرسکتا تھا۔ وہ گناہ کا راستہ اختیار کر چکی تھی۔ ابھی اس نے صرف چند قدم ہی اٹھائے تھے۔ اس کو تباہی کے غار سے بچایا جاسکتا تھا۔ مستقیم نے کبھی نماز نہیں پڑھی تھی، کبھی روزہ نہیں رکھاتھا، کبھی خیرات نہیں دی تھی۔ خدا نے اس کو کتنا اچھا موقع دیا تھا کہ وہ محمودہ کو گناہ کے رستے پر سے گھسیٹ کر لے آئے اور طلاق وغیرہ دلوا کر اس کی کسی اور سے شادی کرادے۔ مگر وہ یہ ثواب کا کام نہیں کرسکتا تھا۔ اس لیے کہ وہ بیوی کا دبیل تھا۔ بہت دیر تک مستقیم کا ضمیر اس کو سرزنش کرتا رہا۔ ایک دو مرتبہ اس نے کوشش کہ اس کی بیوی رضا مندہو جائے۔ مگر جیسا کہ مستقیم کو معلوم تھا، ایسی کوششیں لا حاصل تھیں۔ مستقیم کا خیال تھا کہ اور کچھ نہیں تو کلثوم، محمودہ سے ملنے ضرور جائے گی۔ مگر اس کو ناامیدی ہوئی۔ کلثوم نے اس روز کے بعد محمودہ کا نام تک نہ لیا۔ اب کیا ہوسکتا تھا۔ مستقیم خاموش رہا۔ قریب قریب دو برس گزر گئے۔ ایک دن گھر سے نکل کر مستقیم ایسے ہی تفریحاً فٹ پاتھ پر چہل قدمی کررہا تھا کہ اس نے قصائیوں کی بلڈنگ کی گراؤنڈ فلور کی کھولی کے باہر، تھڑے پر محمودہ کی آنکھوں کی جھلک دیکھی۔ مستقیم دو قدم آگے نکل گیا تھا۔ فوراً مڑ کر اس نے غور سے دیکھا۔ محمودہ ہی تھی۔ وہی بڑی بڑی آنکھیں۔ وہ ایک یہودن کے ساتھ جو اس کھولی میں رہتی تھی، باتیں کرنے میں مصروف تھی۔ اس یہودن کو سارا ماہم جانتا تھا۔ ادھیڑ عمرکی عورت تھی۔ اس کا کام عیاش مردوں کے لیے جوان لڑکیاں مہیا کرنا تھا۔ اس کی اپنی دو جوان لڑکیاں تھیں جن سے وہ پیشہ کرواتی تھی۔ مستقیم نے جب محمودہ کا چہرہ نہایت ہی بے ہودہ طور پر میک اپ کیا ہوا دیکھا تو وہ لرز اٹھا۔ زیادہ دیر تک یہ اندوہ ناک منظر دیکھنے کی تاب اس میں نہیں تھی۔ وہاں سے فوراً چل دیا۔ گھر پہنچ کر اس نے کلثوم سے اس واقعے کا ذکر نہ کیا۔ کیوں کہ اس کی اب ضرورت ہی نہیں رہی تھی۔ محمودہ اب مکمل عصمت فروش عورت بن چکی تھی۔ مستقیم کے سامنے جب بھی اس کا بے ہودہ اور فحش طور پر میک اپ کیا ہوا چہرہ آتا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آجاتے۔ اس کا ضمیر اس سے کہتا

’’مستقیم! جو کچھ تم نے دیکھا ہے، اس کا باعث تم ہو۔ کیا ہوا تھا اگرتم اپنی بیوی کی چند روزہ ناراضی اور خفگی برداشت کرلیتے۔ زیادہ سے زیادہ وہ غصے میں آکر اپنے میکے چلی جاتی۔ مگر محمودہ کی زندگی اس گندگی سے تو بچ جاتی جس میں وہ اس وقت دھنسی ہوئی ہے۔ کیا تمہاری نیت نیک نہیں تھی۔ اگر تم سچائی پر تھے اور سچائی پر رہتے تو کلثوم ایک نہ ایک دن اپنے آپ ٹھیک ہو جاتی۔ تم نے بڑا ظلم کیا۔ بہت بڑا گناہ کیا۔ ‘‘

مستقیم اب کیا کرسکتا تھا۔ کچھ بھی نہیں۔ پانی سر سے گزر چکا تھا۔ چڑیاں سارا کھیت چک گئی تھیں۔ اب کچھ نہیں ہو سکتا تھا۔ مرتے ہوئے مریض کو دم آخر آکسیجن سنگھانے والی بات تھی۔ تھوڑے دنوں کے بعد بمبئی کی فضا فرقہ وارانہ فسادات کے باعث بڑی خطرناک ہو گئی۔ بٹوارے کے باعث ملک کے طول و عرض میں تباہی اور غارت گری کا بازار گرم تھا۔ لوگ دھڑادھڑ ہندوستان چھوڑ کر پاکستان جارہے تھے۔ کلثوم نے مستقیم کو مجبور کیا کہ وہ بھی بمبئی چھوڑ دے۔ چنانچہ جو پہلا جہاز ملا، اس کی سیٹیں بک کراکے میاں بیوی کراچی پہنچ گئے اور چھوٹا موٹا کاروبارشروع کردیا۔ ڈھائی برس کے بعد یہ کاروبار ترقی کرگیا، اس لیے مستقیم نے ملازمت کا خیال ترک کردیا۔ ایک روز شام کو دکان سے اٹھ کر وہ ٹہلتا ٹہلتا صدر جا نکلا۔ جی چاہا کہ ایک پان کھائے۔ بیس تیس قدم کے فاصلے پر اسے ایک دکان نظر آئی جس پر کافی بھیڑ تھی۔ آگے بڑھ کر وہ دکان کے پاس پہنچا۔ کیا دیکھتا ہے کہ محمودہ پان لگا رہی ہے۔ جھلسے ہوئے چہرے پر اسی قسم کا فحش میک اپ تھا۔ لوگ اسے گندے گندے مذاق کررہے تھے اور وہ ہنس رہی ہے۔ مستقیم کے ہوش وہ حواس غائب ہو گئے۔ قریب تھا کہ وہاں سے بھاگ جائے کہ محمودہ نے اسے پکارا۔

’’ادھر آؤ دلہا میاں۔ تمہیں ایک فسٹ کلاس پان کھلائیں۔ ہم تمہاری شادی میں شریک تھے!

’’مستقیم بالکل پتھرا گیا۔

سعادت حسن منٹو

مجید کا ماضی

مجید کی ماہانہ آمدن ڈھائی ہزار روپے تھی۔ موٹر تھی۔ ایک عالیشان کوٹھی تھی۔ بیوی تھی۔ اس کے علاوہ دس پندرہ عورتوں سے میل جول تھا۔ مگر جب کبھی وہ وسکی کے تین چار پک پیتا تو اسے اپنا ماضی یاد آجاتا۔ وہ سوچتا کہ اب وہ اتنا خوش نہیں جتنا کہ پندرہ برس پہلے تھا۔ جب اس کے پاس رہنے کو کوٹھی تھی، نہ سواری کے لیے موٹر۔ بیوی تھی نہ کسی عورت سے اس کی شناسائی تھی۔ ڈھائی ہزار روپے تو ایک اچھی خاصی رقم ہے۔ ان دنوں اس کی آمدن صرف ساٹھ روپے ماہوار تھی۔ ساٹھ روپے جو اسے بڑی مشکل سے ملتے تھے لیکن اس کے باوجود وہ خوش تھا۔ اس کی زندگی افتان و خیزاں حالات کے ہوتے ہوئے بھی ہموار تھی۔ اب اسے بے شمار تفکرات تھے۔ کوٹھی کے۔ بیوی کے۔ بچوں کے۔ ان عورتوں کے جن سے ان کا میل جول تھا۔ انکم ٹیکس کا ٹنٹا الگ تھا۔ سیلز ٹیکس کا جھگڑا جدا۔ اس کے علاوہ اور بہت سی الجھنیں تھیں جن سے مجید کو کبھی نجات ہی نہیں ملتی تھی۔ چنانچہ اب وہ اس زمانے کو اکثر یاد کرتا تھا جب اس کی زندگی ایسے تفکرات اور ایسی الجھنوں سے آزاد تھی۔ وہ ایک بڑی غریبی کی لیکن بڑی خوشگوار زندگی بسر کرتا تھا۔ انکم ٹیکس زیادہ لگ گیا ہے۔ ماہروں سے مشورہ کرو۔ آفیسروں سے ملو۔ ان کو رشوت دو۔ سیلز ٹیکس کا جھگڑا چاؤ۔ بلیک مارکیٹ کرو۔ یہاں سے جو کماؤ اس کو وائٹ کرو۔ جھوٹی رسیدیں بناؤ۔ مقدموں کی تاریخیں بھگتو۔ بیوی کی فرمائشیں پوری کرو۔ بچوں کی نگہداشت کرو۔ یوں تو مجید کام بڑی مستعدی سے کرتاتھا اور وہ اپنی اس نئی ہنگامہ خیز زندگی میں رچ مچ گیا تھا لیکن اس کے باوجود ناخوش تھا۔ یہ ناخوشی اسے کاروباری اوقات میں محسوس نہیں ہوتی تھی۔ اس کا احساس اس کو صرف اس وقت ہوتا تھا جب وہ فرصت کے اوقات میں آرام سے بیٹھ کروسکی کے تین چار پیک پیتا تھا۔ اس وقت بیتا ہوا زمانہ اس کے دل و دماغ میں ایک دم انگڑائیاں لیتا ہوا بیدار ہو جاتا اور وہ بڑا سکون محسوس کرتا۔ لیکن جب اس بیتے ہوئے زمانے کی تصویر اس کے دل و دماغ میں محو ہو جاتی تو وہ بہت مضطرب ہو جاتا، پر یہ اضطراب دیرپا نہیں ہوتا تھا کیونکہ مجید فوراً ہی اپنی کاروباری الجھنوں میں گرفتار ہوجاتا تھا۔ مجید نے جو کچھ بنایا تھا، اپنی محنت و مشقت سے بنایا تھا۔ کوٹھی، اس کا سازو سامان، موٹر غرضیکہ ہر چیز اس کے گاڑھے پسینے کی کمائی تھی۔ اس کو اس بات کا بہت مان تھا کہ آسائش کے جتنے سامان ہیں، سب اس نے خود بنائے ہیں۔ اس نے کسی سے مدد نہیں لی، لیکن تفکرات اب زیادہ ہو گئے تھے۔ وہ جو دس پندرہ عورتیں اس کے لیے وبال جان بن گئی تھیں۔ ایک سے ملو تو دوسری ناراض ہو تی تھیں۔ ٹیلی فون پہ ٹیلی فون آرہے ہیں۔ بیوی کا ڈر الگ، کاروبار کی فکر جدا۔ عجب جھنجٹ تھا۔ مگر وہ دن بھی تھے جب مجید کو صرف دو روپے روزانہ ملتے تھے۔ ساٹھ روپے ماہوار جو اسے بڑی مشکل سے ملے تھے مگر دن عجیب انداز میں گزرتے تھے۔ بڑے د لچسپ تھے وہ دن۔ بڑی دلچسپ تھیں وہ راتیں جو لکڑی کے ایک بنچ پر گزرتی تھیں جس میں ہزار ہا کھٹمل تھے، خدا معلوم کتنے عمر رسیدہ۔ کیونکہ وہ بنچ بہت پرانی تھی۔ اس کے مالک نے دس برس پہلے اس کو ایک دکاندار سے لیا تھا جو اپنا کاروبار سمیٹ رہا تھا۔ اس دکاندار نے گیارہ برس پہلے اس کا سودا ایک کباڑی سے کیا تھا۔ مجید کوجو مزا، جو لطف اس کھٹملوں سے بھری ہوئی بنچ پر سونے میں آیا تھا اب اسے اپنے پرتکلف سپرنگوں والے پلنگ پر سونے میں نہیں آتا تھا۔ اب اسے ہزاروں کی فکر ہوتی تھی۔ اسوقت صرف دور روپے روزانہ کی۔ ان دنوں۔ ۔ پر سویا کرتا تھا۔ ہر چیز اس کو اپنی محسوس ہوتی تھی مگر اب اپنے بھی پرائے لگتے تھے۔ سینکڑوں حریف تھے کاروبار میں، عشق بازیوں میں، ہر جگہ، ہر مقام پر اس کا کوئی نہ کوئی حریف موجود ہوتا تھا۔ وہ زندگی عجیب و غریب تھی۔ یہ زندگی بھی عجیب و غریب تھی مگر دونوں میں زمین و آسمان کا فرق تھا۔ وہ تفکر سے آزاد تھی، یہ تفکر سے پُر۔ چھوٹی سے چھوٹی خوشی اس کے دل و دماغ میں ایک عرصے تک موجود رہتی۔ ایک عرصے تک اس کو شاداں و فرحاں رکھتی۔ چھ آنے دے کر ایک میل ٹیکسی میں بیٹھے تو یہ ایک بہت بڑی عیاشی تھی۔ بھکاری کو ایک پیسہ دیا تو بڑی روحانی مسرت محسوس کی۔ اب وہ سینکڑوں کی خیرات کرتا تھا اور کوئی روحانی مسرت محسوس نہیں کرتا تھا اس لیے کہ یہ محض نمائش کی خاطر ہوتی۔ اس زمانے میں اس کی عیاشیاں بڑی چھوٹی چھوٹی مگر بڑی دلچسپ ہوتی تھیں۔ خود کو خوش کرنے کے لیے وہ بڑے نرالے طریقے ایجاد کرلیتا تھا۔ الیکٹرک ٹرین میں بیٹھے اور کسی گاؤں میں جا کر تاڑی پینے لگے۔ پتنگ لیا اور چوپاٹی پر بچوں کے ساتھ اڑانے لگے۔ دارا اسٹیشن پر صبح سویرے چلے گئے اور اسکول جانے والی لڑکیاں تاڑتے رہے۔ پل کے نیچے کھڑے ہو گئے۔ اینگلو انڈین لڑکیاں اسکرٹ پہنے اوپر چڑھتیں تو ان کی ننگی ٹانگیں نظر آتیں۔ اس نظارے سے اس کو بڑی طفلانہ سی مسرت محسوس ہوتی۔ کبھی کبھی طویل فاصلے پیدل طے کرتا۔ گھر پہنچتا تو اسے خوشی ہوتی کہ اس نے اکنی یا دونی بچا لی ہے۔ یہ اکنی یا دونی وہ کسی ایسی چیز پر خرچ کرتا جو اس کے روزانہ پروگرام میں نہیں ہوتی تھی۔ کسی لڑکی کو محبت بھرا خط لکھا اور جو پتا دماغ میں آیا لکھ کر پوسٹ کردیا اور اس حماقت پر دل ہی دل میں خوب ہنسے۔ ایک انگلی کا ناخن بڑھا لیا اور کسی دکان سے ٹسٹ کرنے کے بہانے اس پر کیوٹکس لگالیا۔ ایک دن صرف دوسروں سے مانگ مانگ کے سگریٹ پیے اور بے حد شرارت بھری خوشی محسوس کی۔ دفتر میں بنچ کے کھٹملوں نے زیادہ تنگ کیا تو ساری رات بازاروں میں گھومتے رہے اور بجائے کوفت کے راحت محسوس کی۔ جیب میں پیسے کم ہوئے تو دوپہر کا کھانا گول کردیا اور یہ محسوس کیا کہ وہ کھا چکا ہے۔ اب یہ باتیں نہیں تھی۔ دفتر سے اس نے روپے کمانے کے ڈھنگ سیکھے۔ دولت آنے لگی تو یہ سب باتیں آہستہ آہستہ غائب ہو گئیں۔ اس کی یہ ننھی ننھی مسرتیں سب سونے اور چاندی کے نیچے دب گئیں۔ اب رقص و سرور کی محفلیں جملتی تھیں۔ مگر ان سے وہ لطف حاصل نہیں ہوتا تھا۔ جو پل کے نیچے کھڑے ہو کر ایک خاص زاویے سے ننگی محرک ٹانگیں دیکھنے میں محسوس ہوتا تھا۔ اس کی راتیں پہلے بالکل تنہا گزرتی تھیں۔ اب کوئی نہ کوئی عورت اس کے آغوش میں ہوتی مگر وہ سکون غائب تھا۔ وہ کنوارا سکون جس میں وہ رات بھر ملفوف رہتا تھا۔ اب اسے یہ فکر دامن گیرہوتی تھی کہ کہیں اس کی بیوی کو پتہ نہ چل جائے۔ کہیں یہ عورت حاملہ نہ ہو جائے۔ کہیں اس کو بیماری نہ لگ جائے۔ کہیں اس عورت کا خاوند نہ آن دھمکے۔ پہلے ایسے تفکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ اب اس کے پاس ہر قسم کی شراب موجود رہی تھی مگر وہ مزا، وہ سرورجو اسے پہلے ہر روز شام کو جاپان کی بنی ہوئی

’’اب ہی بیئر‘‘

پینے میں آتا تھا بالکل غائب ہی ہو گیا تھا۔ اس کا معمول تھا کہ دفتر سے فارغ ہو کر چوپائی یا اپولوبندر کی سیر کی۔ خوب گھومے پھرے۔ نظاروں کا مزا لیا، آٹھ بجے تو گھر کا رخ کیا۔ کسی نل سے منہ دھویا اور بائی کھلہ پل کے پاس والی بار میں داخل ہو گئے۔ پارسی سیٹھ کی جو بہت ہی موٹا اور اس کی ناک بڑی بے ہنگم تھی، صاحب جی کہا

’’کہم سیٹھ سوں حال چھے؟‘‘

اس کو بس صرف اتنی گجراتی آتی تھی، مگر جب وہ کہتا تو اسے بڑی خوشی ہوتی کہ وہ اتنے الفاظ بول سکتا ہے۔ سیٹھ مسکراتا اور کہتا۔

’’ساروچھے، ساروچھے‘‘

پھر وہ پارسی سیٹھ سے کاؤنٹر کے پاس کھڑے ہو کر جنگ کی باتیں چھیڑ دیتا۔ تھوڑی دیر کے بعد یہاں سے ہٹ کر وہ کونے والی میز کے پاس بیٹھ جاتا۔ یہ اس کی محبوب میز تھی۔ اس کے اوپر کا حصہ سنگ مرمر کا تھا۔ بیرا اسے گیلے کپڑے سے صاف کرتا اور مجید سے کہتا۔

’’بولو سیٹھ۔ ‘‘

یہ سن کر مجید خود کو واقعی سیٹھ سمجھتا۔ اس وقت اس کی جیب میں ایک روپے چار آنے ہوتے۔ وہ بیرے کی طرف دیکھ کر بڑی شان سے مسکراتا اور کہتا۔

’’ہر روز تم مجھ سے پوچھتے ہو سب جانتے ہو۔ لے آؤ جو پیا کرتا ہوں۔ ‘‘

بیرا اپنی عادت کے مطابق جانے سے پہلے گیلے کپڑے سے میز صاف کرتا۔ پونچھ کر ایک گلاس رکھتا۔ ایک پلیٹ میں کابلی چنے، دوسری میں کھاری سینگ یعنی نمک لگی مونگ پھلی لاتا۔ مجید اس سے کہتا۔

’’پاپڑ لانا تم ہمیشہ بھول جاتے ہو۔ ‘‘

یہ چیزیں گرک کے طور پر بیئر کے ساتھ مفت ملتی تھیں۔ مجید نے یہ طریقہ ایجاد کیا تھا کہ بیرے سے کابلی چنوں کی ایک اور پلیٹ منگوا لیتا تھا۔ چنے کافی بڑے بڑے ہوتے تھے۔ نمک اور کالی مرچ سے بہت مزیدار بن جاتے تھے۔ مونگ پھلی کی پلیٹ ہوتی تھی۔ یہ سب مل ملا کر مجید کا رات کا کھانا بن جاتے تھے۔ بیئر آتی تو وہ بڑے پرسکون انداز میں اس کو گلاس میں انڈیلتا۔ آہستہ آہستہ گھونٹ بھرتا۔ ٹھنڈی یخ بیئر اس کے حلق سے اترتی تو ایک بڑی عجیب فرحت اس کو محسوس ہوتی۔ اس کو ایسا لگتا کہ ساری دنیا کی ٹھنڈک اس کے دل و دماغ میں جمع ہو گئی ہے۔ وہ موٹے پارسی کی طرف دیکھتا اور سوچتا۔ یہ پارسیوں کی ناک کیوں اتنی موٹی ہوتی ہے۔ اس قوم نے کیا قصور کیا ہے کہ خد ا ان کی ناکوں سے بالکل غافل ہے۔ پرسوں ٹریم میں جو پارسن بیٹھی تھی۔ بڑا سڈول بدن خوبصورت آنکھیں۔ ابھرا ہوا سینہ بے داغ سفدی رنگ۔ ماتھا کشادہ۔ پتلے پتلے ہونٹ، لیکن یہ بڑی طوطے ایسی ناک اس کو دیکھ کر مجید کو بہت ترس آیا تھا۔ اس نے سوچا تھا کہ آیا ایسی کوئی ترکیب نہیں ہوسکتی کہ اس کی ناک ٹھیک ہو جائے۔ پھر اس کے دماغ میں مختلف اوقات پر دیکھی ہوئی خوبصورت اور جوان لڑکیاں تیرنے لگتی تھیں۔ اس کو ایسا لگتا تھا کہ وہ ان کا شباب بیئر میں گھول کر پی رہا ہے۔ دیر تک وہاں بیٹھا وہ اپنی زندگی کے حسین لمحات دہراتا رہتا۔ پندرہ دن ہوئے اپولو بندر پر جب تیز ہوا میں ایک یہودن لڑکی کا ریشمی اسکرٹ اٹھا تھا تو کتنی متناسب اور حسین ٹانگوں کی جھلک دکھائی دی تھی۔ پچھلے اتوار ایرانی کے ہوٹل میں پائے کا شوربہ کتنا لذیذ تھا۔ کیسے چٹخارے لے لے کر اس نے اس میں گرم گرم نان بھگو کر کھایا تھا۔ رنگین فلم کتنا اچھا تھا۔ رقص کتنا دلفریب تھا ان عورتوں کا۔ آج صبح ناشتے کے بعد سگرٹ پی کر لطف آگیا۔ ایسا لطف ہر روز آیا کرے تو مزے آجائیں۔ وہ میاں بیوی جواس نے دادر اسٹیشن پر دیکھے تھے، آپس میں کتنے خوش تھے کبوتر اور کبوتری کی طرح گٹک رہے تھے۔ کیکی مستری بڑا آدمی ہے۔ کل میں نے اسپرو مانگی تو اس نے مفت دیدی کہنے لگا۔

’’اس کے دام کیا لوں گا آپ سے‘‘

پچھلے ماہ اس نے وقت پر میری مدد بھی کی تھی۔ پانچ روپے اندھار مانگے۔ فوراً دے دیے اور کبھی تقاضا نہ کیا۔ ٹریم میں جب میں نے اس روز مرہٹی لڑکی کو اپنی سیٹ دی تو اس نے کتنی پیاری شکر گزاری سے کہا تھا۔

’’تھینک یو۔ ‘‘

پھر وہ موٹے پارسی کی طرف دیکھتا۔ اس کے چہرے پر یہ بڑی ناک اس کو نظر آتی۔ مجید پھر سوچتا

’’یہ کبات ہے، ان پارسیوں کی ناکوں کے ساتھ اتنا برا سلوک کیا گیا ہے۔ کتنی کوفت ہورہی ہے اس ناک سے۔ ‘‘

فوراً ہی اسے خیال آتا کہ یہ پارسی بڑا نیک آدمی ہے کیونکہ وہ اس کو ادھار دے دیتا تھا۔ جب اس کی جیب میں پیسے نہ ہوتے تو وہ کاؤنٹر کے پاس جاتا اور اس سے کہتا

’’سیٹھ آج مال پانی نہیں۔ کل!‘‘

سیٹھ مسکراتا۔

’’کوئی واندہ نہیں۔ ‘‘

یعنی کوئی حرج نہیں۔ پھر آجائیں گے۔ بیئر کی بوتل چودہ آنے میں آتی تھی۔ اس کو خالی کرکے اور پلیٹیں صاف کرکے وہ ہاتھ کے بڑے خوبصورت اشارے سے بیرے کوبل لانے کے لیے کہتا۔ بیرا بل لاتا تووہ اسے ایک روپیہ دیتا اور بڑی شان سے کہا۔

’’باقی دو آنے تم اپنے پاس رکھو۔ ‘‘

بیرا سلام کرتا۔ مجید بے حد مسرور اور شادماں اٹھتا اور پارسی سیٹھ کو

’’صاحب‘‘

کہہ کر دفتر کی طرف روانہ ہوتا۔ وہاں پہنچتے ہی اس کے قدم رک جائے۔ پڑوس کی گلی میں ایک چھوٹی سی تاریک کھولی میں مس لینا رہتی تھی۔ کسی زمانے میں بڑی مشہور ڈانسر تھی مگر اب بوڑھی ہو چکی تھی۔ یہودن تھی۔ اس کی دو لڑکیاں تھیں۔ ایستھر اور ہیلن۔ ایستھر سولہ برس کی تھی اور ہیلن تیرہ برس کی۔ دونوں رات کو اپنی ماں کے پاس ایک لمبا کرتہ پہنے لیٹی ہوتی تھیں۔ صرف ایک پلنگ تھا۔ مس لینا فرش پر چٹائی بچھا کرسوتی تھی۔ رات کو بیئر پی کر مس لینا کے ہاں جانا مجید کا معمول بن گیا۔ وہ باہر ہوٹل والے کو تین چائے کا آرڈر دے کر گلی میں داخل ہوتا اور مس لینا کی کھولی میں پہنچ جاتا۔ اندر ٹین کی کپی جل رہی ہوتی۔ ایستھر اور ہیلن قریب قریب نیم برہنہ ہوتیں۔ مجید پہنچتا تو زور سے پکارتا

’’السلام علیکم۔ ‘‘

ماں بیٹیاں ٹھیٹ عربی لہجے میں وعلیکم السلام کہتیں اور وہ لوہے کی کرسی پر بیٹھ جاتا اور مس لیناسے کہتا

’’چائے کا آرڈر دے آیا ہوں۔ ‘‘

ایستھر باربک آواز کہتی

’’تھینک یو‘‘

چھوٹی بستر پر لوٹیں لگانا شروع کردیتی۔ مجید کو اس کی آڑو آڑو جتنی چھاتیوں اور ننگی ٹانگوں کی کئی جھلکیاں دکھائی دیتیں جو اس کے مسرور و مخمور دماغ کو بڑی فرحت بخشتیں۔ باہر والا چائے لے کر آتا تو ماں بیٹیاں پینا شروع کردیتیں۔ مجید خاموش بیٹھا رہتا اس تنگ و تار ماحول میں ایک عجیب و غریب سکون اس کو محسوس ہوتا۔ وہ چاہتا کہ ان تینوں کا شکریہ ادا کرے۔ اس دھواں دینے والی کپی کا بھی شکریہ ادا کرے جو دھیمی دھیمی روشنی پھیلا رہی تھی۔ وہ لوہے کی اس کرسی بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا جس نے اس کو نشست پیش کی ہوئی تھی۔ تھوڑی دیر وہ ماں بیٹیوں کے پاس بیٹھتا۔ دونوں لڑکیاں خوبصورت تھیں۔ ان کی خوبصورتی مجید کی آنکھوں میں بڑی پیاری نیند لے آتی۔ رخصت لے کروہ اٹھتا اور جھومتا جھامتا اپنے دفتر میں پہنچ جاتا اور کپڑے بدل کر بینچ پر لیٹتا اور لیٹتے ہی خوشگوار اور پرسکون نیند کی گہرائیوں میں اتر جاتا۔ فرصت کے اوقات میں وسکی کے تین چار پیگ پی کر جب مجید اس زمانے کو یاد کرتا تو کچھ عرصے کے لیے سب کچھ بھول کر اس میں محوہو جاتا، نشہ کم ہوتا تو وہ بلیک مارکیٹ کے متعلق سوچنے لگتا۔ روپیہ کمانے کے نئے ڈھنگ تخلیق کرتا۔ ان عورتوں کے متعلق غور کرتا جن سے وہ جنسی رشتہ قائم کرنا چاہتا تھا۔ مجید کا ماضی جنگ سے پہلے کی فضا میں گم ہو چکا تھا۔ ایک مدھم لکیر سی رہ گئی تھی جس کو مجید اب دولت سے پیٹ رہا تھا۔

سعادت حسن منٹو

ماتمی جلسہ

رات رات میں یہ خبر شہر کے اس کونے سے اس کونے تک پھیل گئی کہ اتاترک کمال مر گیا ہے۔ ریڈیو کی تھرتھراتی ہوئی زبان سے یہ سنسنی پھیلانے والی خبر ایرانی ہوٹلوں میں سٹے بازوں نے سنی جو چائے کی پیالیاں سامنے رکھے آنے والے نمبر کے بارے میں قیاس دوڑا رہے تھے اور وہ سب کچھ بھول کر کمال اتاترک کی بڑائی میں گم ہو گئے۔ ہوٹل میں سفید پتھر والے میز کے پاس بیٹھے ہوئے ایک سٹوری نے اپنے ساتھی سے یہ خبر سن کر لرزاں آواز میں کہا۔

’’مصطفےٰ کمال مر گیا!‘‘

اس کے ساتھی کے ہاتھ سے چائے کی پیالی گرتے گرتے بچی۔

’’کیا کہا مصطفےٰ کمال مرگیا!‘‘

اس کے بعد دونوں میں اتاترک کمال کے متعلق بات چیت شروع ہو گئی۔ ایک نے دوسرے سے کہا۔

’’بڑے افسوس کی بات ہے، اب ہندوستان کا کیا ہو گا؟ میں نے سنا تھا یہ مصطفےٰ کمال یہاں پر حملہ کرنیوالا ہے۔ ہم آزاد ہو جاتے، مسلمان قوم آگے بڑھ جاتی۔ افسوس تقدیر کے ساتھ کسی کی پیش نہیں چلتی! دوسرے نے جب یہ بات سنی تو اس کے روئیں بدن پر چیونٹیوں کے مانند سرکنے لگے۔ اس پر ایک عجیب و غریب کیفیت طاری ہو گئی۔ اس کے دل میں جو پہلا خیال آیا، یہ تھا

’’مجھے کل جمعہ سے نماز شروع کردینی چاہیے۔ ‘‘

اس خیال کو بعد میں اُس نے مصطفےٰ کمال پاشا کی شاندار مسلمانی اور اس بڑائی میں تحلیل کردیا۔ بازار کی ایک تنگ گلی میں دو تین کوکین فروش کھاٹ پر بیٹھے باتیں کررہے تھے۔ ایک نے پان کی پیک بڑی صفائی سے بجلی کے کھمبے پر پھینکی اور کہا۔

’’میں مانتا ہوں، مصطفےٰ کمال بہت بڑا آدمی تھا۔ لیکن محمد علی بھی کسی سے کم نہیں تھا۔ یہاں بمبئی میں تین چار ہوٹلوں کا نام اسی پر رکھا گیا ہے!‘‘

دوسرے نے جو اپنی ننگی پنڈلیوں پر سے ایک کھردرے چاقو سے میل اتارنے کی کوشش کررہا تھا۔ اپنے دونوں ساتھیوں سے کہا۔

’’محمد علی کی موت پر تو بڑی شاندار ہڑتال ہُوئی تھی۔ ‘‘

’’ہاں بھئی تو کل ہڑتال ہورہی ہے کیا؟‘‘

تیسرے نے ایک کی پسلیوں میں کہنی سے ٹہوکا دیا۔ اس نے جواب دیا

’’کیوں نہ ہو گی۔ ارے اتنا بڑا مسلمان مر جائے اور ہڑتال نہ ہو۔ ‘‘

یہ بات ایک راہ گیر نے سُن لی، اس نے دوسرے چوک میں اپنے دوستوں سے کہی اور ایک گھنٹے میں ان سب لوگوں کو جو دن کو سونے اور رات کو بازاروں میں جاگتے رہنے کے عادی ہیں، معلوم ہو گیا کہ صبح ہڑتال ہورہی ہے۔ ابو قصائی رات کو دو بجے اپنی کھولی میں آیا۔ اس نے آتے ہی طاق میں سے بہت سی چیزوں کو ادھر ادھر الٹ پلٹ کرنے کے بعد ایک پڑیا نکالی اور ایک دیگچی میں پانی بھر کر اس کو اس میں ڈال کر گھولنا شروع کردیا۔ اس کی بیوی جو دن بھر کی تھکی ماندی ایک کونے میں ٹاٹ پر سو رہی تھی۔ برتن کی رگڑ سن کر جاگ پڑی۔ اس نے لیٹے لیٹے کہا۔

’’آگئے ہو؟‘‘

’’ہاں آگیا ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر ابو نے اپنی قمیض اتار کر دیگچی میں ڈال دی اور اسے پانی کے اندر مسلنا شروع کردیا۔ اس کی بیوی نے پوچھا۔

’’پر یہ تم کیا کررہے ہو!‘‘

مصطفےٰ کمال مر گیا ہے، کل ہڑتال ہورہی ہے!‘‘

اس کی بیوی یہ سن کر گھبراہٹ کے مارے اٹھ کھڑی ہوئی

’’کیا مارا ماری ہو گی؟۔ میں تو ان ہر روز کے فسادوں سے بڑی تنگ آگئی ہوں۔ ‘‘

وہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

’’میں نے تجھ سے ہزار مرتبہ کہا ہے کہ تو ہندوؤں کے اس محلے سے اپنامکان بدل ڈال پر نہ جانے تو کب سنے گا!‘‘

ابو جواب میں ہنسنے لگا۔

’’اری پگلی۔ یہ ہندو مسلمانوں کا فساد نہیں۔ مصطفےٰ کمال مر گیا ہے۔ وہی جو بہت بڑا آدمی تھا۔ کل اس کے سوگ میں ہڑتال ہو گی!‘‘

’’جانے میری بلا یہ بڑا آدمی کون ہے۔ پر یہ تُو کیا کررہا ہے؟‘‘

بیوی نے پوچھا

’’سوتا کیوں نہیں ہے!‘‘

قمیض کو کالا رنگ دے رہا ہوں۔ صبح ہمیں ہڑتال کرانے جانا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے قمیض نچوڑ کر دو کیلوں کے ساتھ لٹکا دی جو دیوار میں گڑی ہُوئی تھیں۔ ‘‘

دوسرے روز صبح کو سیاہ پوش مسلمانوں کی ٹولیاں کالے جھنڈے لیے بازاروں میں چکر لگا رہی تھیں۔ یہ سیاہ پوش مسلمان دکانداروں کی دکانیں بند کرارہے تھے اور یہ نعرے لگا رہے تھے۔

’’انقلاب زندہ باد‘‘

’’انقلاب زندہ باد!‘‘

ایک ہندو نے جو اپنی دکان کھولنے کے لیے جارہا تھا یہ نعرے سنے اور نعرے لگانیوالوں کو دیکھا تو چپ چاپ ٹرام میں بیٹھ کر وہاں سے کھسک گیا۔ دوسرے ہندو اور پارسی دکانداروں نے جب مسلمانوں کے ایک گروہ کو چیختے چلاتے اور نعرے مارتے دیکھا تو انھوں نے جھٹ پٹ اپنی دکانیں بند کرلیں۔ دس پندرہ سیاہ پوش گپیں ہانکتے ایک بازار سے گزر رہے تھے۔ ایک نے اپنے ساتھی سے کہا۔

’’دوست ہڑتال ہُوئی تو خوب ہی پرویسی نہیں ہُوئی جیسی محمد علی کے ٹیم پر ہُوئی تھی۔ ٹرامیں تو اسی طرح چل رہی ہیں۔ ‘‘

اس ٹولی میں جو سب سے زیادہ جوشیلا تھا اور جس کے ہاتھ میں سیاہ جھنڈا تھا تنک کر بولا۔

’’آج بھی نہیں چلیں گی!‘‘

یہ کہہ کر وہ اس ٹرام کی طرف بڑھا جو لکڑی کے ایک شیڈ کے نیچے مسافروں کو اُتار رہی تھی۔ ٹولی کے باقی آدمیوں نے اس کا ساتھ دیا اور ایک لمحہ کے اندر سب کے سب ٹرام کی سرخ گاڑی کے اردگرد تھے۔ سب مسافر زبردستی اُتار دیئے گئے۔ شام کو ایک وسیع میدان میں ماتمی جلسہ ہُوا۔ شہر کے سب ہنگامہ پسند جمع تھے۔ خوانچہ فروش اور پان بیڑی والے چل پھر کر اپنا سودا بیچ رہے تھے۔ جلسہ گاہ کے باہر عارضی دکانوں کے پاس ایک میلہ لگا ہوا تھا، چاٹ کے چنوں اور اُبلے ہُوئے آلوؤں کی خوب بکری ہورہی تھی۔ جلسہ گاہ کے اندر اور باہر بہت بھیڑ تھی۔ کھوے سے کھوا چھلتا تھا۔ اس ہجوم میں کئی آدمی ایسے بھی چل پھر رہے تھے جو یہ معلوم کرنیکی کوشش میں مصروف تھے کہ اتنے آدمی کیوں جمع ہورہے ہیں۔ ایک صاحب گلے میں دُور بین لٹکائے اِدھر اُدھر چکرکاٹ رہے تھے۔ دور سے اتنی بھیڑ دیکھ کر اور یہ سمجھ کر کہ پہلوانوں کا دنگل ہورہا ہے وہ ابھی ابھی اپنے گھر سے نئی دور بین لے کر دوڑے دوڑے آرہے تھے اور اس کا امتحان لینے کے لیے بیتاب ہورہے تھے، میدان کے آہنی جنگلے کے پاس دو آدمی کھڑے آپس میں بات چیت کررہے تھے۔ ایک نے اپنے ساتھی سے کہا۔

’’بھئی یہ مصطفےٰ کمال توواقعی کوئی بہت بڑا آدمی معلوم ہوتا ہے۔ میں جو صابن بنانے والا ہوں اس کا نام

’’کمال سوپ‘‘

رکھوں گا۔

’’کیوں کیسا رہے گا؟‘‘

دوسرے نے جواب دیا۔

’’وہ بھی بُرا نہیں تھا جو تم نے پہلے سوچا تھا۔

’’جناح سوپ‘‘

۔ یہ جناح مسلم لیگ کا بہت بڑا لیڈر ہے!‘‘

’’نہیں، نہیں۔ کمال سوپ‘‘

اچھا رہے گا۔ بھائی مصطفےٰ کمال اس سے بڑا آدمی ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے اپنے ساتھی کے کاندھے پر ہاتھ رکھا۔

’’آؤ چلیں جلسہ شروع ہونے والا ہے۔ ‘‘

وہ دونوں جلسہ گاہ کی طرف چل دیئے۔ جلسہ شروع ہوا۔ آغاز میں نظمیں گائی گئیں جن میں مصطفےٰ کمال کی بڑائی کا ذکر تھا پھر ایک صاحب تقریر کرنے کے لیے اٹھے۔ آپ نے کمال اتاترک کی عظمت بڑی بلند بانگ لفظوں میں بیان کرنا شروع کی۔ حاضرین جلسہ اس تقریر کو خاموشی سے سنتے رہے۔ جب کبھی مقرر کے یہ الفاظ گونجتے

’’مصطفےٰ کمال نے درہ دانیال سے انگریزوں کو لات مار کے باہر نکال دیا۔ ‘‘

یا کمال نے یونانی بھیڑوں کو اسلامی خنجر سے ذبح کر ڈالا۔ ‘‘

تو

’’اسلام زندہ باد‘‘

کے نعروں سے میدان کانپ کانپ اٹھتا۔ یہ نعرے مقرر کی قوتِ گویائی کو اور تیز کردیتے اور وہ زیادہ جوش سے اتاترک کمال کی عظیم الشان شخصیت پر روشنی ڈالنا شروع کردیتا۔ مقرر کا ایک ایک لفظ حاضرین جلسہ کے دلوں میں ایک جوش و خروش پیدا کررہا تھا۔

’’جب تک تاریخ میں گیلی پولی کا واقعہ موجود ہے برطانیہ کی گردن ٹرکی کے سامنے خم رہے گی۔ صرف ٹرکی ہی ایک ایسا ملک ہے جس نے برطانوی حکومت کا کامیاب مقابلہ کیا۔ اور صرف مصطفےٰ کمال ہی ایسا مسلمان ہے جس نے غازی صلاح الدین ایوبی کی سپاہیانہ عظمت کی یاد تازہ کی۔ اس نے بہ نوک شمشیر یورپی ممالک سے اپنی طاقت کا لوہا منوایا۔ ٹرکی کو یورپ کا مردِ بیمار کہا جاتا تھا۔ مگر کمال نے اسے صحت اور قوت بخش کر مردِ آہن بنا دیا۔ ‘‘

جب یہ الفاظ جلسہ گاہ میں بُلند ہُوئے تو

’’انقلاب زندہ باد، انقلاب زندہ باد‘‘

کے نعرے پانچ منٹ تک متواتر بلند ہوتے رہے۔ اس سے مقرر کا جوش بہت بڑھ گیا۔ اس نے اپنی آواز کو اور بلند کرکے کہنا شروع کیا

’’کمال‘‘

کی عظمت مختصر الفاظ میں بیان نہیں ہوسکتی۔ اس نے اپنے ملک کے لیے وہ خدمات سرانجام دی ہیں جس کو بیان کرنے کے لیے کافی وقت چاہیے۔ اس نے ٹرکی میں جہالت کا دیوالیہ نکال دیا۔ تعلیم عام کردی۔ نئی روشنی کی شعاعوں کو پھیلایا۔ یہ سب کچھ اس نے تلوار کے زور سے کیا۔ اس نے دین کو جب علم سے علیحدہ کیا تو بہت سے قدامت پسندوں نے اس کی مخالفت کی مگر وہ سرِ بازار پھانسی پر لٹکا دیئے گئے۔ اس نے جب یہ فرمان جاری کیا کہ کوئی تُرک رومی ٹوپی نہ پہنے تو بہت سے جاہل لوگوں نے اس کے خلاف آواز اُٹھانا چاہی مگر یہ آواز ان کے گلے ہی میں دبا دی گئی۔ اس نے جب یہ حکم دیا کہ اذان ترکی زبان میں ہو تو بہت سے مُلّاؤں نے عدولِ حکمی کی مگر وہ قتل کردیئے گئے۔ ‘‘

’’یہ کُفر بکتا ہے۔ ‘‘

جلسہ گاہ میں ایک شخص کی آواز بُلند ہُوئی اور فوراً ہی سب لوگ مضطرب ہو گئے۔

’’یہ کافر ہے جھوٹ بولتا ہے۔ ‘‘

کے نعروں میں مقرر کی آواز گُم ہو گئی۔ پیشتر اس کے کہ وہ اپنا مافی الضمیر بیان کرتا اس کے ماتھے پر ایک پتھر لگا اور وہ چکرا کر اسٹیج پر گر پڑا۔ جلسے میں ایک بھگدڑ مچ گئی۔ اسٹیج پر مقرر کا ایک دوست اس کے ماتھے پر سے خُون پونچھ رہا تھا اور جلسہ گاہ ان نعروں سے گونج رہی تھی۔

’’مصطفےٰ کمال زندہ باد، مصطفےٰ کمال زندہ باد۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

مائی نانکی

اس دفعہ میں ایک عجیب سی چیز کے متعلق لکھ رہا ہوں۔ ایسی چیز جو ایک ہی وقت میں عجیب و غریب اور زبردست بھی ہے۔ میں اصل چیز لکھنے سے پہلے ہی آپ کو پڑھنے کی ترغیب دے رہا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کہیں آپ کل کو نہ کہہ دیں کہ ہم نے چند پہلی سطورہی پڑھ کر چھوڑ دیا تھا۔ کیونکہ وہ خشک سی تھیں۔ آج اس بات کو قریب قریب تین ماہ گزر گئے ہیں کہ میں مائی نانکی کے متعلق کچھ لکھنے کی کوشش کررہا تھا۔ میں چاہتا تھا کہ کسی طرح جلدی سے اُسے لکھ دُوں تاکہ آپ بھی مائی نانکی کی عجیب و غریب اور پُر اسرار شخصیت سے واقف ہو جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ اس سے پہلے بھی مائی نانکی کو جانتے ہوں۔ کیونکہ اسے کشمیر اور جموں کشمیر کے علاقے کے سبھی لوگ جانتے ہیں۔ اور لاہور میں سید مٹھا اور ہیرا منڈی کے گرد ونواح میں رہنے والے لوگ بھی۔ کیونکہ اصل میں وہ رہنے والی جموں کی ہے اور آج کل راجہ دھیان سنگھ کی حویلی کے ایک اندھیرے کونے میں رہتی ہے۔ لہٰذا بہت ممکن ہے کہ آپ بھی جموں یا ہیرا منڈی کے گرد و نواح میں رہتے ہوں اور مائی نانکی سے واقف ہوں۔ لیکن میں نے اسے بہت قریب سے دیکھا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں بہت سی عورتیں دیکھی ہیں اور بڑی بڑی زہریلی قسم کی عورتیں لیکن میں آج تک کسی سے اتنا متاثر نہیں ہوا جتنا اُس عورت سے۔ جیسا کہ میں اُوپر لکھ چکا ہوں وہ جموں کی رہنے والی ہے۔ وہاں وہ ایک دایہ کا کام کرتی تھی۔ اور اس کے کہنے کے مطابق وہ جموں اور کشمیر کی سب سے بڑی دایہ تھی۔ وہاں کے سب سے بڑے ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ہاں اس کا ہی چرچا رہتا تھا۔ اور جہاں کہیں کسی عورت کے ہاں بچہ پیدا نہ ہوتا تو فوراً اُسے بُلایا جاتا۔ اس کے علاوہ وہاں کے بڑے بڑے راجے، مہا راجے، نواب، جج وکیل اور ملٹری کے بڑے بڑے افسر سب اس کے مداح اور مرید تھے۔ انھوں نے آج تک نہ کبھی اس کی بات ٹالی اور نہ اسے ناراض کیا۔ بلکہ جب بھی اُس کا جی چاہا اُس نے اُن سے ہزار ہا قسم کے کام نکالے۔ اس کے علاوہ وہ غالباً روزانہ اپنے کام سے تین چار سو روپے کے قریب کما لیتی تھی۔ روزانہ ان گنت بچے جناتی۔ ان میں کئی ایک مردہ۔ کئی ست ماہے اور باقی ٹھیک ٹھاک ہوتے۔ اس کے علاوہ وہاں اُس کا عالیشان مکان اور دو دکانیں تھیں۔ ایک طویلہ جس میں بارہ مہینے پانچ سات گائیں بھینسیں بندھی رہتیں۔ اس کا کنبہ جو ۲۵ افراد پر مشتمل تھا سب دُودھ مکھن کھاتے اور موج میں رہتے۔ کنبے کے لفظ پر ایک لطیفہ سنتے چلیے۔ اس کے کنبے کے سبھی آدمی اُس کے گھر کے نہیں تھے۔ ان پچیس افراد میں سے اس کا نہ کوئی لڑکا تھا نہ لڑکی، ماں نہ بہن صرف وہ ایک خود تھی یا اس کا شوہر اور باقی سب لڑکے لڑکیاں اُس نے دوسروں سے لے کر پالے ہوئے تھے۔ میں نے ایک روز اُس سے پوچھا کہ تم دوسروں کے بچے جناتی رہیں لیکن خود کیوں نہ جنا؟‘‘

کہنے لگی

’’ایک ہوا تھا میں نے اُسے مار دیا‘‘

میں نے پوچھا

’’کیوں؟‘‘

کہنے لگی

’’میری طبیعت کو اس کا رونا ناگوار گزرا تھا۔ بڑا خوبصورت تھا لیکن میں نے اُسے زمین پر رکھا اور اوپر سے لحاف اور رضائیوں کا ایک انبار گرا دیا اور وہ نیچے ہی دم گھٹ کے مر گیا۔ ‘‘

میں اُس کی زُبانی اس کے حالات آپ کو بتا رہا تھا اُس کے علاوہ وہ کہتی کہ میرے پاس کم از کم پچیس تیس ہزار کی مالیت کا زیور بھی تھا۔ بقول اُس کے وہ بڑی موج میں رہ رہی تھی کہ اچانک ہندوستان تقسیم ہو گیا اور کشمیر میں قتل و غارت شروع ہوئی۔ ڈوگرے مسلمانوں کو چن چن کے قتل کرنے لگے۔ چنانچہ اسی افرا تفری میں اُس نے اپنا گھر چھوڑا کیونکہ اس کے محلے میں بھی قتل و خون اور عصمت دری شروع ہو گئی تھی۔ لیکن اس بھاگ دوڑ میں اس کے گھر کے سبھی آدمی اسے چھوڑ گئے اور وہ اکیلی جان بچانے کو عیسائیوں کے محلے میں جا گھسی۔ آپ حیران ہوں گے وہ اس قیامت کے سمے میں بھی اپنا زیور اور گائے بھینس اور ضروری کپڑے اور سامان وغیرہ بھی اپنے ساتھ لے گئی اور وہاں سکونت پذیر ہوئی۔ لیکن جس واقف کار کے ہاں وہ ٹھہری تھی اُسے دوسرے روز اُس نے کہا کہ مائی ہم کو بھی قتل کروانے کی ٹھانی ہے۔ تم اپنا زیور سامان اور گائے بھینس یہیں چھوڑ کر پاکستان چلی جاؤ۔ کیونکہ اگر یہ چیزیں کسی ڈوگرے نے دیکھ لیں تو تم کو ختم کر دے گا۔ چنانچہ وہ وہاں سے صرف اپنا دن رات کا رفیق حقہ اُٹھا کر باہر نکلی تھی کہ ساتھ والی عیسائن نے کہا

’’مائی تم میرے گھر میں آرہو۔ اگر کوئی تمھیں مارنے آیا تو پہلے ہم کو مارے گا۔ وہ رضا مند ہو گئی لیکن اُسی شام کو جموں کے مہا راجہ کا بھیجا ہوا ایک سپاہی آیا اور اُس نے اُس عیسائن سے سوال کیا

’’کیا دائی نانکی یہیں ہے‘‘

عیسائن نے جواب دیا کہ نہیں وہ یہاں کہاں۔ سپاہی اور عیسائن کے سوال و جواب وہ خود اندر سُن رہی تھی اور وہ کہتی ہے کہ میں خود باہر آئی اور سپاہی سے کہا

’’میں ہوں مہا راج۔ مائی نانکی میرا ہی نام ہے‘‘

سپاہی کہنے لگا

’’مہاراج کہتے ہیں نانکی یہیں ہمارے پاس رہے گی۔ پاکستان نہیں جائے گی اُس نے بتایا کہ سپاہی کا یہ فقرہ سُن کر مجھے جلال آگیا اور میں نے آنکھیں لال کر کے کہا

’’مہاراج سے کہوہم نے آپ سے اور آپ کی رعایا سے بہت کچھ انعام لے لیا ہے۔ اب ہمیں اور سُکھ نہیں چاہیے اور دیکھو مہاراج سے جا کر کہہ دو کہ مائی نانکی پاکستان ضرور جائے گی کیونکہ اگر پاکستان نہیں جائے تو کیا جہنم میں جائے گی۔ ‘‘

سپاہی یہ سُن کر واپس مہاراج کے پاس چلا گیا اور دوسرے ہی روز ملٹری کے ایک کرنل کی حفاظت میں مائی نانکی سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہو رہی تھی۔ سرحد پر اُسے پتہ چلا کہ اُس کے کنبے کے پچیس افراد میں سے اٹھارہ جن میں لڑکے اور لڑکیاں تھیں شہید ہو چکے ہیں اور باقی کے تین لڑکے اور ایک بہو اور دو بچے پاکستان صحیح و سلامت جا چکے ہیں۔ وہ کہتی تھی میرے آنسو نہیں نکلے۔ میں نے اپنا بھرا بھرایا گھر دیا سات گائیں بھینسیں اور تیس ہزار کا زیور کشمیر کے ہندوؤں اور عیسائیوں نے چھین لیا۔ میرے اٹھارہ لاڈلے جن میں بڑے بڑے سورما تھے ان کافروں کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ میں خود اُجڑی لیکن میرے آنسو نہیں نکلے۔ ہاں زندگی میں پہلی بار روئی وہ اس وقت جب میں نے مہاجرین کے کیمپ میں پاکستانیوں کو جوان لڑکیوں سے بدفعلی کرتے دیکھا اپنی بہو اور لڑکوں سمیت شہر بہ شہر پیٹ پالنے کی خاطر پھرتی رہی۔ آخر اپنے ایک عزیز کے ہاں جو کہ خوش قسمتی سے حویلی دھیان سنگھ میں رہتا تھا آگئی اور اس کے لڑکے موچی گری کرنے لگے اُس کے متعلق وہ کچھ پہلے بھی جانتے تھے۔ جموں کی ٹھاٹ دار زندگی اور اس کے تمام حالات وہیں رہ گئے۔ لیکن جہاں تک میں نے اُسے یہاں جس غربت کی حالت میں دیکھا ہے میں تو یہی سمجھتا ہوں کہ وہ ایک بہت ہی اونچے درجے کی عورت ہے۔ ایسی عورتیں بہت کم دنیا میں پیدا ہوتی ہیں۔ اُس کی ذات بہت ہی بلند اور بے مثال ہے۔ ۸۵ سال کی عمر ہونے کو آئی لیکن گھر کا سب کام کاج خود کرتی ہے۔ بیماری اور پریشانی میں بھی اس کا چہرہ پُر وقار اور پھول کی طرح کھلا رہتا ہے۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے غمگین نہیں ہوتی اور نہ کسی گہری سوچ میں غرق رہتی ہے۔ چوبیس گھنٹے ہنستی اور مسکراتی رہتی ہے۔ اس بڑھاپے میں بھی بڑی بڑی بوجھل چیزیں خود اُٹھاتی ہے۔ بڑی اچھی باتیں سُناتی ہے۔ کسی بھی فقیر کو خالی ہاتھ نہیں لوٹاتی۔ اور سب سے بڑی بات جو میں اب اُس کے متعلق بتانے لگا ہوں وہ یہ کہ وہ انتہا درجے کی غریب عورت ہوتے ہوئے بھی بڑے بڑے شہنشاہوں سے زیادہ امیر ہے۔ اس لیے کہ اس کا دل بادشاہ کا ہے۔ اگر محلے کی کسی عورت نے اس سے کچھ مانگ لیا تو بس بھر بھر کے دیتی جاتی ہے اور ساتھ ساتھ خوش ہوتی جاتی ہے اور مجھے تو بالکل ایسا ہی معلوم ہوتا ہے جیسے کوئی بہت بڑا شہنشاہ اپنی رعیت کو کائنات کی نعمتیں تقسیم کررہا ہو۔ کھانے کے معاملے میں وہ بہت تیز ہے اور اس عمر میں بھی دن میں وہ چار وقت پیٹ بھر کر کھانا کھاتی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ سارا سر سفید ہو گیا ہے لیکن اُس کے گالوں پر سُرخیاں ہنوز باقی ہیں۔ اس کا اپنا بیان ہے کہ وہ ایک دفعہ کسی زچہ کو دیکھنے گئی تو اتفاق سے وہاں گھر والوں نے گھی، سوجی پستے بادام اور دوسرے میوے ملا کر ایک قسم کی چوری تیار کی تھی جو کہ تین چار سیر کے قریب ہو گی۔ شامت اعمال لڑکی کی ماں نانکی کو ذرا چکھ کے دیکھنے کو کہہ بیٹھی۔ بس اس کا کہنا تھا کہ نانکی نے برتن تھام لیا اور ساری چوری چٹ کر گئی۔ اتنا کچھ کھا چکنے کے بعد وہ کہتی تھی مجھے کچھ خبر بھی نہ ہوئی اور وہ وہاں سے اُٹھ کر دوسری زچہ کے ہاں گئی جہاں سے اس نے ایک سیر کے قریب حلوہ پوری کھایا اُسی طرح کے کئی اور واقعات وہ ہنس ہنس کے سُناتی ہے۔ جہاں تک لباس کا تعلق ہے وہ عام پنجابی لباس یعنی قمیص اور شلوار پہنتی ہے لیکن اس عام میں ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنی قمیص کو ہمیشہ شلوار کے اندر کر کے ازار بند باندھتی ہے۔ میں نے اُس سے استفسار کیا تو وہ کہنے لگی۔

’’تم ابھی بچے ہو۔ تمھیں کیا معلوم ہو۔ ‘‘

اور میں خاموش ہو گیا۔ پاؤں میں وہ مردانہ جوتا پہنتی ہے اور جب آدھی رات کو سب سوئے ہوئے ہوتے ہیں اور وہ غسل خانے میں جاتی ہے تو اُس کے پاؤں کی آواز بہت ہی مہیب معلوم ہوتی ہے۔ اب ذرا سا اُس کے لڑکوں کے متعلق سُن لیجیے۔ اُس کے سب سے بڑے لڑکے کا نام حبیب اللہ ہے جس کی ایک دکان جوتیوں کی ہے اور نانکی کا کہنا ہے کہ اُس لڑکے کو اس نے بڑے ناز و نعم سے پالا پوسا ہے اور وہی سب میں زیادہ خدمت گزار اور وفا شعار ہے وہ اُس کی خوب خدمت کرتا ہے اور نانکی اس پر بہت خوش ہے۔ حبیب اللہ اپنی سسرال کے مکان کی سب سے اوپر والی منزل کے دو کمروں میں ایک بیوی اور تین بچوں سمیت رہتا ہے۔ گرمیوں میں اُس کے بچوں کے پاؤں دھوپ میں جل جل جاتے ہیں اور سردیوں میں اوپر سکڑتے رہتے ہیں لیکن آج تک کبھی اس نے ماتھے پر بل نہیں ڈالا اور نہ اس کے ہونٹ مسکراہٹ سے بے خبر ہوئے ہیں بلکہ وہ اپنے دستور کے مطابق ہر اتوار کو نانکی کے لیے پانچ سات روپے کا پھل وغیرہ لے کر مسکراتا ہوا آتا ہے اور نانکی کی دُعائیں لے کر چلا جاتا ہے۔ اس سے چھوٹے لڑکے کا نام محمد حسین ہے جو بجلی اور ریڈیو کا کام اچھی طرح جانتا ہے اور اُسے دفتر روزگار سے کم از کم پانچ دفعہ کارڈ بنوانے کے باوجود آج سات سال سے کوئی نوکری نہیں ملی۔ مائی نانکی نے بڑی کوشش کی کہ جیتے جی اپنے ان پالے ہوئے لڑکوں کی شادیاں کر کے جائے تاکہ بعد میں وہ دربدر نہ ہوں اور اسے بھی قبر میں آرام نصیب ہو۔ لیکن بقول اُسی کے، غریب کو مر کے بھی آرام نہیں ملتا۔ شاید اسی لیے ابھی تک اُس کی شادی کا کوئی بندوبست نہیں ہوا۔ ایک دو جگہ دریافت کرنے پر لڑکی والوں نے کہا کہ کم از کم دو تین زیور لڑکی کو ڈالو تب لڑکی ملے گی ورنہ نہیں لیکن دوسری طرف یعنی نانکی کے پاس تو صرف اللہ کا نام اور اپنا بیٹا ہی ہے۔ نانکی کا کہنا ہے کہ اس کا لڑکا محمد حسین عقل کے لحاظ سے تو کسی بڑے لیڈر کے برابر ہے لیکن اُس کی اکڑ ٹنڈے لاٹ کی طرح ہے۔ محمد حسین سے چھوٹے لڑکے کا نام محمد یونس ہے جو خوبصورت اور دُبلا پتلا ہے اور اُس کی تعلیم سات جماعت تک ہے۔ سینکڑوں کام کرنے کی تجویزیں کر رہا ہے اور جن میں سب سے بڑی خواہش اُس کی یہ ہے کہ اُسے کوئی معمولی سی ملازمت مل جائے جہاں اسے صبح سے دوپہر تک کام کرنا پڑے اور شام کے وقت وہ کچھ پڑھ لے اور اس طرح اپنی تعلیم کو بڑھا سکے۔ لیکن آج تک اُس کی یہ خواہش پوری نہیں ہوئی۔ نانکی کا یہ خیال ہے کہ وہ جنات کی قوم سے ہے کیونکہ اُس میں غصے کا مادہ زیادہ ہے۔ مائی نانکی آج کل کچھ اداس اور غمگین سی رہنے لگی ہے ایک روز میں نے اس کی وجہ پوچھی تو کہنے لگی

’’بچے مجھے پاکستان نے بہت سی بیماریاں لگا دی ہیں۔ مجھے جموں میں کوئی بیماری نہیں تھی اور نہ کبھی میں نے کسی بات کے متعلق آج تک سوچا ہے۔ ہاں اپنی ساری زندگی میں ایک دفعہ میں نے ایک بات پر غور کیا تھا اور وہ بھی تھوڑی دیر کے لیے اصل میں قصہ یہ ہوا کہ جموں کی ایک باہمنی کے ہاں بچہ پیدا نہیں ہوتا تھا بڑی بڑی کاریگر نرسوں اور ڈاکٹروں نے جواب دے دیا۔ اور مصیبت یہ تھی کہ بچہ پیٹ میں ادھر سے ادھر چکر لگاتا تھا اور ہمکتا بھی تھا۔ اس مشکل میں سبھی نے گھر والوں کو مشورہ دیا کہ نانکی کو بُلاؤ۔ چنانچہ میں گئی اور دو ہاتھ لگانے سے ہی بچہ پیدا ہو گیا لیکن میرا رنگ اُڑ گیا اور اپنی جوانی میں میں پہلی بار سر سے پاؤں تک پسینے میں شرابور ہو گئی۔ ‘‘

یہاں تک کہہ کر وہ ذرا رکی۔ میں نے پوچھا

’’کیوں؟‘‘

کہنے لگی

’’کیونکہ بچے کے دو سر چار آنکھیں اور دونوں سروں میں دو دو سینگ تھے۔ میں نے آنکھیں لال کرتے ہوئے براہمن سے کہا

’’کیوں لالہ یہ کیا ظلم کیا تم نے۔ تم نے مجھے بتایا تک نہیں کہ یہ قصہ ہے۔ اگر میرے دل کی حرکت بند ہو جاتی تو؟‘‘

اس پر لالہ جی نے میرے سامنے ہاتھ جوڑے کہ کسی سے اس بات کا ذکر نہ کرنا۔ جو جی چاہے لے لو۔ سو میں نے اُس سے سو روپے لیے۔ لیکن اب تو کئی اندیشے جان کو کھائے جارہے ہیں بچہ سب سے زیادہ اس بات کو سوچتی ہوں کہ میں پاکستان کی خاطر اپنا بھرا بھرایا گھر لُٹاکر آئی۔ اٹھارہ آدمی شہید ہوئے اور تیس ہزار کی مالیت کا زیور بھی وہیں رہ گیا۔ اس بے بسی اور غربت کی حالت میں ہم یہاں آئے۔ لیکن پاکستان والوں نے میرے نام کوئی مکان الاٹ کیا اور نہ کوئی دُکان۔ آج تک نہ کہیں سے راشن ملا اور نہ ہی کچھ مالی امداد۔ باغ کا مالی جس نے پاکستان کو بڑی مشکلوں سے بنایا تھا اللہ کو پیارا ہو گیا۔ اب اُس کے بعد جتنے بھی ہیں آنکھیں بند کیے مست پڑے ہیں۔ اُن کو کیا خبر کہ ہم غریب کس حالت میں رہ رہے ہیں اس کی خبر یاہمارے اللہ کو ہے یا ہمیں۔ اس لیے اب ہر دم اپنے اللہ سے یہی دُعا کرتی ہوں کہ ایک دفعہ پھر سے سب کو مہاجر کر تاکہ غیر مہاجر لوگوں کو پتہ چلے کہ مہاجر کس طرح ہوتے ہیں اتنا کہہ کر اُس نے حقے کی نے منہ میں دبا لی۔ میں نے اُس سے کہا۔

’’مائی پہلے تو لوگ ہندوستان سے مہاجر ہوئے تو پاکستان آگئے۔ اب اگر یہاں سے مہاجر ہو گئے تو کہاں جائیں گے‘‘

وہ حقہ کی نے کو غصے سے جھٹک کر بولی

’’جہنم میں جائیں گے۔ کوئی پروا نہیں۔ لیکن ان کو معلوم تو ہو جائے گا کہ مہاجر کس کو کہتے ہیں۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو ۲ نومبر۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

مائی جنتے

مائی جنتے سلیپر ٹھپٹھپاتی ‘ گھسٹتی کچھ اس انداز میں اپنے میلے چکٹ میں داخل ہوئی ہی تھی کہ سب گھر والوں کو معلوم ہو گیا کہ وہ آ پہنچی ہے۔ وہ رہتی اسی گھر میں تھی جو خواجہ کریم بخش مرحوم کا تھا‘ اپنے پیچھے کافی جائیداد ‘ ایک بیوہ اور دو جوان بچیاں چھوڑ گیا تھا‘ آدمی پرانی وضع کا تھا۔ جونہی یہ لڑکیاں نو دس برس کی ہوئیں ان کو گھر کی چار دیواری میں بٹھا دیا اور پہرہ بھی ایسا کہ وہ کھڑکی تک کے پاس کھڑی نہیں ہو سکتیں مگر جب وہ اﷲ کو پیارا ہوا تو ان کو آہستہ آہستہ تھوڑی سی آزادی ہو گئی‘ اب وہُ لک چھپ کے ناول بھی پڑھتی تھیں۔ اپنے کمرے کے دروازے بند کر کے پوڈر اور لپ اسٹک بھی لگاتی تھیں۔ ان کے پاس ولایت کی سی ہوئی انگیا بھی تھیں۔ معلوم نہیں یہ سب چیزیں کہاں سے مل گئی تں یھ۔ بہرحال اتنا ضرور ہے کہ ان کی ماں کو جو ابھی تک اپنے خاوند کے صدمے کو بھول نہ سکی تھی ‘ ان باتوں کا کوئی علم نہیں تھا۔ وہ زیادہ تر قرآن مجید کی تلاوت اور پانچ وقت کی نمازوں کی ادائیگی میں مصروف رہتی اور اپنے مرحوم شوہر کی رُوح کو ثواب پہنچاتی رہتی۔ گھر میں کوئی مرد نوکر نہیں تھا۔ مرحوم کے باپ کی زندگی میں ‘ نہ مرحوم کے زمانے میں‘ یہ ان کی پرانی وضعداری کا ثبوت ہے۔ عام طور پر ایک یا دو ملازمائیں ہوتی تھیں جو باہر سے سودا سلف بھی لائیں اور گھر کا کام بھی کریں۔ دسویں جماعت خود مرحوم نے اپنی بچیوں کو پڑھا کر پاس کرائی تھی۔ کالج کی تعلیم کے وہ یکسر خلاف تھے‘ وہ ان کی فوراً شادی کر دینا چاہتے تھے مگر یہ تمنا ان کے دل ہی میں رہی ‘ ایک دن اچانک فالج گرا اس موذی مرض نے ان کے دل پر اثر کیا اور وہ ایک گھنٹے کے اندر اندر راہئ ملک عدم ہوئے۔ باپ کی وفات سے لڑکیاں بہت اُداس رہنے لگیں۔ انھوں نے ایک دن ماں سے التجا کی کہ وہ ان کو کسی کالج میں داخل کرا دیں ‘ پر جب زیادہ اصرار ہوا اور انھوں نے کئی دن کھانا نہ کھایا تو اُس نے مجبوراً ان کو ایک زنانہ کالج میں داخل کرا دیا۔ مائی جنتے نے وعدہ کیا کہ ہر روز ان کو صبح کالج چھوڑ آئے گی۔ سارا وقت وہیں رہے گی اور جب کالج بند ہو گا تو انھیں اپنے ساتھ لے آیا کرے گی۔ اس نے اپنی مالکن سے یہ وعدہ کچھ ایسے پُرخلوص انداز میں کیا کہ وحیدہ بانو مرحوم خواجہ کریم بخش کی بیوہ کی یہ بیٹیاں نہیں خود اس کی جنی ہیں۔ اس نے بہو بیٹیوں کو پردے میں رکھنے کی حمایت میں اپنے انداز میں مولویوں کی طرح ایک لمبی چوڑی تقریر بھی کی لیکن پھر یہ کہا:

’’تعلیم بھی ضروری ہے کہ اسلام اس سے منع نہیں کرتا‘ پر دیکھ بھال بہت ضروری ہے ‘ جوان جہاں ہیں‘ ان پر بڑی کڑی نگرانی ہونی چاہئیے۔ میں تو ان کے پاس کوئی مکھّی بھی نہ پھٹکنے دُوں‘ کوئی ایسی ویسی شرارت کریں گی تو وہ کان اینٹھوں کہ بلبلا اُٹھیں گی اور یاد کریں گی کس بڑھیا سے پالا پڑا ہے۔ لیکن یہ کیوں کرنے لگیں شریف خاندان کی ہیں۔ روزے نماز کی پابند ہیں۔ اور بے سمجھ بھی نہیں‘ نیک و بد اچھی طرح سمجھتی ہیں۔ دونوں لڑکیوں میں کوئی زیادہ فرق نہیں تھا‘ ایک برس کے فرق کے بعد ہی چھوٹی جس کا نام نسرین تھا‘ پیدا ہوئی تھی‘ بڑی کا نام پروین تھا‘ دونوں خوبصورت تھیں ‘ چہرے مہرے سے خاصی اچھی۔ قد موزوں‘ شکل آپس میں کافی ملتی تھی‘ دونوں ہر وقت اکٹھی کھیلتیں مگر گڑیوں کا زمانہ عرصہ ہوا لَد چکا تھا‘ اب جوانی کی شرارتوں کے دن تھے۔ کالج میں جاتے ہی انھوں نے پر پرزے نکالے اور اِدھر اُدھر ان تتلیوں کی طرح جن کو کسی پھول کی تلاش ہو ‘ ادھر ادھر پھڑپھڑانا شروع کر دیا۔ مائی جنتے ساتھ ہوتی تھی۔ وہ کالج کی بوڑھی چپڑاسن کے ساتھ اس وقت حقہ پیتی رہتی جو پاس ہی کوارٹر میں رہتی تھی‘ دونوں ہم عُمری کے باعث بہت جلد گہری سہیلیاں بن گئی تھیں۔ جب دونوں ایک ساتھ بیٹھتیں تو اُس زمانے کی باتیں چھڑ جاتیں جبکہ وہ بھی جوان تھیں‘ چپڑاسن کو کسی لڑکی سے رغبت یا محبت نہیں تھی۔ وہ مائی جنتے کو بڑی پرانی کہانیاں سُناتی‘ فلاں سن میں ایک بیرسٹر کی لڑکی کو حمل ہو گیا تھا جو بڑی مشکل سے گرایا گیا۔ پرنسپل صاحب کو دس ہزار روپے رشوت کے ملے کہ اس کا منہ بند رہے۔ پار سال ایک لڑکی جو بڑے اونچے گھرانے کی تھی‘ اس سے دینیات کے مولوی صاحب کو عشق ہو گیا‘ چنانچہ موقع پا کر اس لونڈیا کو دبوچ لیا‘ پکڑے گئے اور کالج سے داڑھی اور برقعہ دونوں پولیس کے ہاتھوں میں‘ داڑھی تو پانچ سال کی قید بھگت رہی ہے۔ معلوم نہیں اس ریشمی برقعہ کاکیا ہوا۔ بوا‘ میں تو ایسی باتوں میں دھیان ہی نہیں دیتی۔ مجھے کیا غرض پڑی ہے کہ ان کتّیوں کے کارناموں پر اپنا وقت ضائع کروں‘‘

مائی جنتے نے حُقّے کی نَے منہ سے الگ کر دی

’’نہ بُوا‘ ایسی باتیں نہیں کیا کرتے۔ وہ کیا کہاوت ہے کہ کونسا شہسوار ہے جو نہیں گرا۔ اور وہ کون سا پتّا ہے جو نہیں ہلا۔ خدا تمہارا بھلا کرے۔ ہم لوگوں کو خاموش ہی رہنا چاہیے اور اﷲ میاں سے دُعا کرنی چاہیے کہ وہ کسی کی بہو بیٹی کو بُرے کاموں کی طرف نہ لے جائے‘ اُن کی عزت آبرو اپنے کرم سے سنبھالے رکھے‘‘

چپڑاسن اس کی باتوں سے بہت متاثر ہوئی کہ کتنی نیک عورت ہے۔ اس کو دل ہی میں بڑی ندامت ہوئی کہ اس نے اتنی لڑکیوں میں کیڑے ڈالے اور ان کے راز افشا کیے۔ اُس نے چنانچہ فوراً مائی جنتے سے معافی مانگی اور کانوں کو ہاتھ لگایا کہ آئندہ وہ ایسی باتوں سے دُور ہی رہے گی۔ کسی لڑکی کے بارے میں اسے کچھ پتہ بھی چل گیا تو وہ اپنی زبان بند رکھے گی۔ مائی جنتے نے اسے بڑی شاباشیاں دیں‘ اتنے میں کالج چھوٹ گیا‘ اس نے پروین اور نسرین کو ساتھ لیا اور گیٹ سے باہر جا کر اُس نے اُن سے کہا ‘ آج تمھیں شام کو یہاں نہیں آنا پڑے گا؟‘‘

پروین نے جواب دیا :

’’ہمیں تو کسی نے نہیں کہا‘‘

’’اصل میں تم دونوں بہت بیوقوف ہو۔ دھیان سے ہر بات سُنا کرو۔ میں تمھیں کسی سے پوچھ کر بتا دوں گی‘ گھر پہنچ کر مائی جنتے نے ان کے لیے چائے تیار کی اور بڑی پھرتی سے میز پر لگا دی۔ پھر وہ ان کی ماں کے پاس اپنی پیالی لے کر بیٹھ گئی اور چپڑاسن سے جو باتیں اس کی ہوئی تھیں، مِن و عن سُنا دیں۔ اُس نے آخر میں اس کو مشورہ دیا کہ پیدل آنا جانا ٹھیک نہیں۔ میرا خیال ہے آپ کسی ٹانگے کا بندوبست کر دیں تو ٹھیک رہے۔ پیدل چلو‘ تو کوئی غنڈہ کندھا ہی رگڑ دے بیٹیوں کے ساتھ۔ مائی جنتے کا یہ مشورہ بڑا معقول تھا چنانچہ ٹانگے کا بندوبست دوسرے ہی روز ہو گیا۔ مائی جنتے نے ایک ٹانگے والے سے مہینے بھر کا کرایہ طے کر لیا۔

’’دوسرے تیسرے روز اپنی مالکن وحیدہ بانو کو یہ خبر سنائی کہ پڑوس میں دیوار کے ساتھ جو جگہ خالی ہوئی تھی‘ اس میں نئے کرایہ دار آن بسے ہیں‘‘

وحیدہ بانو نے پوچھا :

’’کون لوگ ہیں؟‘‘

’’جانے ہماری۔ ہوں گے کوئی ایرے غیرے‘ نتّھو خیرے۔ میں نے تو کسی سے پوچھا نہیں‘‘

ایک دن دوسری طرف سے کوٹھے پر سے کسی شخص نے ایسے ہی جھانک کر ان کے صحن میں دیکھا۔ ایک ہنگامہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ مائی جنتے کہیں باہر گئی تھی‘ وحیدہ بیگم نے فوراً کواڑ کی اوٹ میں کھڑے ہو کر محلے کے ایک چھوٹے سے لڑکے کو بُلایا اور کہا

’’اگر پڑوس والے مکان میں جو نئے کرائے دار آئے ہیں ان میں کوئی عورت ہو تو ان سے کہو آپ کی ہمسائی بیگم صاحبہ آپ سے درخواست کرتی ہیں کہ دو گھڑی کے لیے تشریف لے آئیے۔ بڑی مہربانی ہو گی‘‘

لڑکا پیغام لے کر چلا گیا۔ کوئی آدھے گھنٹے کے بعد دروازے پر دستک ہوئی ‘ پروین اور نسرین اپنے کمرے میں پڑھ رہی تھیں اس لیے اُس نے خود دروازہ کھولا۔ دہلیز پر ایک سفید برقع پوش خاتون کھڑی تھی‘ اس نے بڑے ملائم لہجے میں وحیدہ بیگم سے پوچھا

’’کیا آپ ہی نے مجھے یاد فرمایا ہے؟‘‘

وحیدہ بیگم نے جواب دیا ’ جی ہاں۔ تشریف لے آئیے‘‘

وہ اندر چلی آئی‘ دونوں باہر بچھے ہوئے تخت پر بیٹھ گئیں۔ وحیدہ بیگم کی سمجھ نہیں آتا تھا کہ وہ گفتگو کا آغاز کیسے کرے۔ دونوں چند لمحات ایک دوسرے کی شکل صورت اور کپڑے لتّوں کا جائزہ لیتی رہیں‘ آخر ہمسائی ہی نے مُہرِ خاموشی توڑی اور پوچھا:

’’فرمائیے‘ آپ نے مجھے دولت خانے میں کیسے بُلایا‘‘

اس پر وحیدہ بیگم کو اپنی شکایت کے اظہار کا موقع مل گیا اور اس نے بڑی بُرد باری اور تحمل سے صبح کا حادثہ بیان کر دیا اور پوچھا

’’وہ کون صاحبزادے ہیں جو اس طرح پرائے گھر میں تاک جھانک کرتے ہیں؟‘‘

میرا لڑکا ہے بہن۔ وہ تو ایسا نہیں۔ بڑا شرمیلا ہے۔ چونکہ ہم نئے نئے اُٹھ کر یہاں آئے ہیں اسی لیے اس نے کوٹھے پر چڑھ کے دیکھا ہو گا کہ آس پاس کیا ہو گا۔ ویسے میں اس کو منع کر دوں گی کہ خبردار تم نے اِدھر کیا کسی بھی طرف نظر اُٹھا کر دیکھا۔ بڑا برخوردار لڑکا ہے۔ ضرور میرے حکم کی تعمیل کرے گا‘ میں نے اگر اس کے باپ سے آپ کی شکایت کی تو وہ تو اُس کو مار مار کے کھال اُدھیڑ دیں گے۔ بڑے سخت گیر ہیں وہ وہ اس معاملے میں۔ ویسے مجھے افسوس ہے‘‘

’’نہیں‘ میں نے صرف آپ کے کانوں تک یہ بات پہنچائی تھی کہ بدمزگی نہ ہو۔ یہ کہہ کر وحیدہ بیگم اٹھی اور پکاری

’’پروین‘۔ نسرین ادھر آؤ ذرا‘‘

دونوں لپک کر باہر نکلیں‘ لیکن ایک نادیدہ عورت کو دیکھ کر ٹھٹھک گئیں‘ دوپٹے کے بغیر فوراً اندر بھاگیں اور دوپٹے اوڑھ کر باہر آئیں‘ نووارد عورت کو جھک کر سلام کیا اور اپنی ماں سے پوچھا :

’’کیوں امی جان؟‘‘

وحیدہ بیگم نے اپنی ہمسائی سے اپنی بیٹیوں کو متعارف کرایا۔ اس نے ان کو لاکھ لاکھ دعائیں دیں اور ان کی خوبصورتی کی بڑی تعریف کی کہ ماشاء اﷲ چندے آفتاب چندے ماہ تاب ‘ پھر اُس نے کہا

’’میرا سلیم بالکل انہی کی طرح شریف اور شرمیلا ہے۔ ‘‘

چند دنوں ہی میں وحیدہ اور ہمسائی جس کا نام نازلی بیگم تھا‘ بڑے گہرے مراسم ہو گئے‘ وحیدہ بیگم ان کے یہاں نہیں جاتی تھی۔ اس نے نازلی بیگم سے کہا

’’میں سر آنکھوں پر آتی۔ سوسو دفعہ آتی‘ پر جب سے خواجہ صاحب کاانتقال ہوا ہے کہ میں نے دل میں قسم کھا لی تھی اس گھر سے باہر ایک قدم نہ رکھوں گی۔ بہن دیکھو خدا کے لیے مجبور نہ کرنا‘‘

اس اثناء میں کالج میں شام کئی فنکشن ہوئے‘ کبھی کوئی مباحثہ ہے‘ کبھی لینڈن شوہے ‘ کبھی مشاعرہ۔ کبھی کچھ کبھی کچھ۔ پروین اور نسرین دونوں ان پروگراموں میں شامل ہوتی تھیں‘ مگر مائی جنتے ساتھ ہوتی اور ان کو لے کر بحفاظت واپس گھر آتی‘ خواہ جلدی خواہ دیر سے۔ عید سے چار روز پہلے سلیم واپس آیا‘ ساتھ اس کے اس کا بغلی دوست قادر تھا۔ نازلی بیگم نے اس کو مندرجہ بالا واقعہ کے بعد جب اُس نے اتفاقاً وحیدہ بیگم کے صحن کو ایک نظر دیکھ لیا‘ گوجرانوالہ بھیج دیا تھا جہاں اس کے والد کی آبائی اجداد و املاک تھیں۔ اس نے اب اسے خط لکھ کر بلایا تھا کہ عید سے پہلے پہلے یہاں لاہور چلے آؤ‘ وہ آ گیا اور ساتھ اپنے جگری دوست کو بھی لے آیا۔ گھر میں اسے سب جانتے تھے ‘ اس لیے کہ وہ اکٹھے سکول اور کالج میں پڑھے‘ یہاں لاہور میں اُٹھ آنے کی صرف ایک وجہ تھی کہ سلیم کے والد اس کے لیے اپنے اثرورسوخ سے کوئی اچھی ملازمت تلاش کرنا چاہتے تھے۔ دوسرے روز شام کو قادر نے سلیم سے کہا

’’چلو یار ‘ آج عیاشی کریں۔ گوجرانوالہ میں کیا پڑا ہے‘‘

سلیم نے پوچھا

’’عیاشی کیسی؟‘‘

قادر مسکرایا‘

’’تم تو نرے کھرے چُغد۔ چلو آؤ باہر ‘ تمھیں بتاتا ہوں۔ دیکھیں گے‘ قسمت میں کیا لکھا ہے‘‘

دونوں دوست چلے گئے‘ اتنے میں وحیدہ بیگم کے پاس اس کی ہمسائی آئی۔ اُس نے اِدھر اُدھر کی باتوں کے بعد اپنا حرف مدعا بیان کر دیا کہ وہ اپنے سلیم کے لیے نسرین کا رشتہ مانگنے آئی ہے۔ زیادہ حیل و حجت کوئی بھی نہ ہوئی‘ وحیدہ ان لوگوں کے اخلاق سے بہت متاثر ہوئی‘ چند رسمی باتیں ہوئیں اس کے بعد دونوں رضامند ہو گئیں کہ ان کا نکاح عید کی تقریبِ سعید پر ہو جائے اور رخصتی ایک ماہ کے بعد۔ رات کو سلیم دیر سے آیا مگر اس کی ماں نے کوئی باز پُرس نہ کی کیونکہ وہ خوش تھی کہ اتنی جلدی اس کے بیٹے کی شادی کا معاملہ نسرین ایسی حسین و جمیل اور باحیا لڑکی سے طے پا گیا۔ اُس نے چنانچہ سلیم کو یہ خوشخبری سنا دی ‘ وہ بھی بہت خوش ہوا۔ تجرّد کی زندگی اور بیکاری سے وہ تنگ آ گیا تھا‘ اس نے سوچا ‘ روپیہ پیسہ باپ کے پاس کافی ہے‘ کیا پرواہ ہے‘ ملازمت کی فکر ہوتی رہے گی۔ اُس کا دوست واپس گوجرانوالہ چلا آیا‘ اس لیے کہ اس نے عید اپنے گھر منانا تھی۔ سلیم نے اپنی ماں سے کہا

’’دیکھیے امی جان‘ میں نے آپ کی بات کتنی جلدی مان لی۔ اب آپ میری مانیے‘‘

اُس کی ماں نے پوچھا:

’’کیا بیٹا!‘‘

’’مجھے نسرین کی ایک جھلک دکھا دیجیے۔ خواہ وہ دور ہی سے کیوں نہ ہو‘‘

اس کے لہجے میں التجا تھی‘‘

میرا خیال ہے کہ وہ انکار کریں تو اس کا کوئی فوٹو ہی دکھا دیجیے۔ آخری وہ کل یا پرسوں میری ہونے والی ہے‘‘

اس کی ماں کو سلیم کی یہ درخواست ناپسند نہ ہوئی

’’میں پوری کوشش کروں گی بیٹا‘‘

عید آ گئی مگر تصویر نہ آئی۔ لیکن سلیم نے کسی خفگی کا اظہار نہ کیا۔ نکاح کی رسم بخیر و خوبی ختم ہو گئی‘ جب وہ باہر نکلا تو اس کی ماں نے کواڑ ذرا سا کھولا اور اس کو آواز دی۔ وہ ٹھہر گیا‘ ہاتھ باہر نکال کر اس نے سلیم سے کہا :

’’یہ لفافہ لے لو۔ دیکھو میں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے‘‘

سلیم سمجھ گیا۔ آس پاس کوئی بھی نہیں تھا‘ اس میں تاب انتظار کیسے ہوتی۔ اس نے لفافہ وہیں کھڑے کھڑے کھولا۔ دھڑکتے ہوئے دل سے تصویر باہر نکالی۔ اِدھر اُدھر دیکھا اور تصویر پر پہلی نظر ڈالی۔ اس کا رنگ ہلدی کی طرح زرد ہو گیا۔ تصویر اس کے کانپتے ہاتھوں سے گر پڑی۔ اتنے میں سامنے والا دروازہ جس میں سے اُس کی ماں نے ہاتھ نکالا تھا ‘ کھلا اور بڑھیا نکلی۔ سلیم نے اس کو حیرت زدہ آنکھوں سے دیکھا

’’مائی! تم یہاں کیسے پہنچ گئیں؟۔ تو اُس رات تم ہی۔ ‘‘

اُس نے اس سے اور زیادہ کچھ نہ کہا اور تصویر زمین ہی پر چھوڑ کر تیز قدموں سے اپنے ایک دوست ڈاکٹر جمیل کے پاس گیا اور ساری بات بتا دی۔ جمیل نے اس کو ہسپتال میں داخل کرا دیا جہاں اِس کے جھوٹ موٹ کے مرض کا علاج ہوتا رہا۔ آخر ڈاکٹر جمیل نے سلیم کے والد کو بلا کر تخلیے میں کہا کہ یہ شادی نہ ہو‘ آپ کا لڑکا عورت کے قابل نہیں ہے۔ ۱۲ مئی ۵۴ء

سعادت حسن منٹو

لعنت ہے ایسی دوا پر

’’آپ کو آج اتنی کھانسی کیوں آرہی ہے؟‘‘

’’موسم کی تبدیلی کی وجہ سے گلا خراب ہو گیا ہے‘‘

’’یہ سب بہانے ہیں۔ مجھے معلوم ہے اس کھانسی کی اصل وجہ کیا ہے‘‘

’’تو بتا دو‘‘

’’مجھے کیا ضرورت پڑی ہے، جبکہ آپ اس کا علاج خود کرسکتے ہیں مجھ سے آپ نے کبھی اپنی ذاتی معاملوں کے متعلق مشورہ لیا ہے؟‘‘

’’کب نہیں لیا۔ ابھی کل ہی میں نے تم سے پوچھ کر، بلکہ تمہیں دُکان پر لے جا کر اپنے لیے

’’لوفرشو‘‘

خریدا تھا۔ اور تم نے اپنی مرضی کے مطابق ایک سینڈل لی تھی۔ حالانکہ وہ مجھے سخت ناپسند تھی۔ ‘‘

’’آپ کو تو میری پسند کی ہر چیز ناپسند ہوتی ہے‘‘

’’تم غلط کہتی ہو۔ پچھلے دنوں تم نمائش سے اپنے لیے بلاؤز کا کپڑا لائی تھیں تو میں نے بہت پسند کیا تھا۔ اور تمہارے ذوق اور انتخاب کی تعریف کی تھی‘‘

’’زندگی میں ایک دفعہ تعریف کردی تو بڑا احسان کیا‘‘

’’اس میں احسان کی کیا بات ہے۔ معلوم نہیں آج تمہارا مزاج کیوں بگڑ گیا ہے‘‘

’’مجھے کھانسی کی شکایت ہے۔ ساری رات کھانستی رہی ہوں‘‘

’’میں رات بھر جاگتا رہا ہوں۔ صرف تمہارے خراٹوں کی آواز کے سوا میں نے تمہارے حلق سے اور کسی قسم کی آواز نہیں سنی‘‘

’’آپ ایک عرصہ سے بہرے ہو چکے ہیں۔ آپ کے کانوں کے پاس کوئی لاکھ چِلّائے، واویلا کرے، مگر آپ کو کبھی سنائی نہیں دے گا‘‘

’’یہ کیا گفتگو ہے؟۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر تم کہنا کیا چاہتی ہو‘‘

’’میں کچھ کہنا نہیں چاہتی۔ اور کہنا بھی چاہوں، تو آپ کان دھر کر سنیں گے کب‘‘

’’کیوں نہیں سنوں گا۔ مگرتم کچھ کہوتو۔ اب میں تمہارے دل کی بات کیسے بُوجھوں‘‘

’’دل کو دل سے راہ ہوتی ہے۔ مگر یہاں یہ راہ سرے ہی سے غائب ہے‘‘

’’کیسی غائب ہو گئی یہ راہ، میرا مطلب ہے، تمہارا میرا کوئی رشتہ نہیں رہا‘‘

’’بس سمجھ لیجیے، کچھ ایسی ہی بات ہے‘‘

’’یہ کتنی بڑی ٹریجڈی ہے، کہ مجھے جس بات کا وہم و گمان بھی نہیں، تم آج اس کا مجھ پر انکشاف کررہی ہو۔ داناؤں نے ٹھیک کہا ہے کہ عورت کو سمجھنا کارے دارد والا معاملہ ہے‘‘

’’جی۔ وہ دانا بھی تو ایسے مرد تھے۔ بھولی بھالی عورت میں ایسا کون سا پیچ ہے، جو ان کی دانائی کو شکست دے گیا۔ وہ غریب تو ایک سیدھی سڑک ہے جس میں کوئی خم ہے نہ موڑ‘‘

’’درست ہے۔ لیکن اس سیدھی سڑک پر ہر روز کئی

’’ایکسیڈنٹ‘‘

ہوتے ہیں۔ ہزاروں مرد اس سیدھی سڑک پر چلتے چلتے ایسے پھسلتے ہیں کہ سیدھے قبرستان میں پہنچ جاتے ہیں‘‘

’’آپ کیوں نہیں پہنچے ابھی تک وہاں؟‘‘

’’عنقریب پہنچ جاؤں گا۔ اگر تمہارا روّیہ اسی قسم کارہا‘‘

’’میرا روّیہ‘‘

۔ کیوں؟۔ میں نے آپ سے کیا بدسلوکی کی ہے؟۔ نوکرانی کی طرح آپ کی خدمت کرتی رہی ہوں، کیا آپ اس سے انکار کرسکتے ہیں؟‘‘

’’انکار کرنے کی مجال ہی نہیں، اس لیے کہ یہ ڈر ہے کہ تم آتش فشاں پہاڑ کی مانند پھٹ پڑو گی۔ اور اتنا لاوا اُگلو گی کہ مجھے ایک لمحے کے اندر کوئلہ بنا کررکھ دے گا۔ ‘‘

’’آتش فشاں پہاڑ تو آپ ہیں، جو آئے دن لاوا اُگلتے رہتے ہیں‘‘

’’یہ تمہارے اخبار کی نئی خبر ہے، جو میں تمہاری زُبان سے سن رہا ہوں۔ ورنہ اس سے پہلے۔ ‘‘

’’آپ اپنے اخبارمیں یہی مضمون چھاپتے رہتے تھے کہ عورتیں آگ کھاتی ہیں، انگارے بکتی ہیں۔ اور یہ جو مردوں کو کھانسی آتی ہے اس کی وجہ بھی عورت ہے‘‘

’’لو، تم نے کھانسی کا نام لیا تو میرے گلے میں خارش شروع ہو گئی۔ اچھا، اب بات مت کرو۔ دوا کا ایک ڈوز پینے کے بعد کسی قدر طبیعت بحال ہو گئی ہے‘‘

’’خدا آپ کی طبیعت بحال رکھے۔ میری تو یہی دعا ہے‘‘

’’تمہاری دعاؤں ہی سے تو میں اب تک زندہ ہوں، ورنہ کب کا مر چکا ہوتا‘‘

’’آپ کی یہ طنزیہ گفتگو مجھے پسند نہیں۔ مہین مہین چٹکیاں لینے میں جانے آپ کو کیا مزہ آتا ہے؟‘‘

’’سارا مزہ تم لے جاتی ہو۔ مہین مہین چٹکیوں کا فن تم بہتر جانتی ہو۔ میں اس سے بالکل کورا ہوں‘‘

’’آپ تو ہر چیز سے کورے ہیں۔ کورے برتن کی طرح۔ لیکن دنیا بھر کی آلائشیں اس برتن کے ساتھ چمٹی ہوئی ہیں‘‘

’’آج تم فلسفہ چھانٹنے لگی ہو‘‘

’’یہ اگر فلسفہ ہے، تو آپ خدا معلوم کیا چھانٹتے ہیں؟‘‘

’’۔ مجھے پھر کھانسی کا دورہ پڑ گیا ہے‘‘

’’آپ دوا کیوں نہیں پیتے؟‘‘

’’مجھے۔ مجھے اس سے نفرت ہے۔ اس میں بہت بُری بُو ہے‘‘

’’تو کیا ہوا۔ دوا آخر دوا ہوتی ہے۔ خوش ذائقہ ہو یا بد ذائقہ۔ اچھی بُو والی ہے یا بُری بُو والی۔ انسان کو پینی ہی پڑتی ہے۔ ‘‘

’’تم۔ تم اپنا لیکچر بند کرو۔ میں۔ میں۔ یااللہ میری توبہ۔ یہ کھانسی بھی کیا بلا ہے۔ سارا وجود متزلزل ہو جاتا ہے‘‘

’’آپ نے بدپرہیزی کی ہو گی‘‘

’’کون سی بدپرہیزی؟‘‘

’’چاٹ کھانے کی آپ کو چاٹ ہے۔ باہر ہی باہر کھاتے رہے ہوں گے‘‘

’’باہر باہر میں نے اس قسم کی کوئی چیز نہیں کھائی‘‘

’’لیکن، گھر تو آپ ہر روز کھاتے رہے ہیں‘‘

’’یہ الزام تم مجھ پر کس شہادت کی بنا پر عائد کررہی ہو؟‘‘

’’جناب جب پچھلے ہفتے سرگودھا گئی تھی، تو واپسی پر مجھے معلوم ہوا کہ آپ خود اپنے ہاتھ سے

’’آلو چھولے‘‘

تیار کرکے کھاتے رہے ہیں۔ املی، امچور، انار دانہ، سُرخ اور کالی مرچیں اس قدر ڈالی جاتی تھیں کہ آدمی کی زبان جل جائے‘‘

’’لیکن تمہاری زبان نہیں جلی، یہ جھوٹ بولتے ہوئے۔ تم اچھی طرح جانتی ہو۔ ‘‘

’’میں آپ کے بارے میں ہر بات کے متعلق اچھی طرح جانتی ہوں۔ کھٹی چیزوں سے تو آپ کو خاص رغبت ہے۔ عام طور پر یہی کہا جاتا ہے کہ عورتیں کھٹی چیزیں پسند کرتی ہیں۔ لیکن آپ ان سے کئی رطیاں آگے بڑھے ہوئے ہیں‘‘

’’۔ کھانسی کا دورہ پھر شروع ہو گیا۔ ‘‘

’’ہونا ہی تھا۔ دوا لاؤں؟‘‘

’’۔ نہیں۔ نہیں۔ ‘‘

’’نہیں آپ کو پینا پڑے گی۔ ‘‘

’’بھئی، میں کہہ چکا ہوں کہ اس کی بو بہت بری ہے۔ اس کے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر کی۔ ڈاکٹر کی یہ ہدایت ہے کہ ایک ایک گھنٹے کے بعد خوراک پی جائے‘‘

’’تو آپ کو اس ہدایت پر عمل کرنا چاہیے‘‘

’’خاک عمل کروں۔ جب کہ دوا مجھے پسند ہی نہیں۔ میں ہر گھنٹے کے بعد عذاب سہنے کے لیے تیار نہیں‘‘

آپ جو کچھ بھی کہیں ٹھیک ہے، لیکن یہ دوا آپ کو ضرور پینا پڑے گی‘‘

’’اچھا بابا۔ میں ہارا، تم جیتیں۔ لاؤ گلاس‘‘

’’میں نے تیار کررکھا ہے۔ لیجیے‘‘

’’برف ڈال دی تھی اس میں؟‘‘

’’جی ہاں۔ آپ تو پہلے پانی ملا کر پیتے رہے ہیں۔ لیکن سرگودھا جانے سے پہلے، آپ نے مجھ سے کہا تھا کہ ڈاکٹر صاحب نے یہ ہدایت تھی کہ یہ دوا کھارے سوڈے کے ساتھ پی جائے۔ چنانچہ میں نے۔ ‘‘

’’ٹھیک ہے، ٹھیک ہے۔ لاؤ، گلاس دومجھے کہ زہر مار کرلوں‘‘

’’یہ لیجیے۔ مگر آپ کا ہاتھ کانپ رہا ہے‘‘

’’کانپنے دو۔ دوا پینے کے بعد ٹھیک ہو جائے گا‘‘

’’کھانسی بھی انشاء اللہ دُورہو جائے گی‘‘

’’دیکھو جو اللہ کو منظور ہے۔ تویہ، کیسی بُری بُوہے اس کی۔ خوراک بھی اتنی بڑی ہے جو گھوڑوں کو دی جاتی ہو گی۔ بڑی بوتل میں بارہ کے نشان ہیں۔ یعنی دن میں بارہ مرتبہ اس واہیات چیز کو پانی یا سوڈے کے ساتھ ملا کر پیا جائے۔ یہ ڈاکٹر لوگ بھی عجیب قسم کے انسان ہیں۔ مریض کی نفسیات کے متعلق کچھ سوچتے ہی نہیں‘‘

’’نفسیات۔ یہ کیا چیز ہے‘‘

’’ٹھہرو۔ میں یہ دوا پی لوں، تو بتادوں گا کہ یہ کیا چیز ہے‘‘

’’۔ آپ کہتے تھے کہ یہ دوا بہت بری ہے، لیکن آپ سارا گلاس یوں پی گئے، جیسے کوئی بڑا مزے دار شربت ہو‘‘

’’تو کیا کرتا۔ مجبوری میں، انسان کو ہر مشکل خندہ پیشانی سے برداشت کرنا پڑتی ہے‘‘

’’اب گیارہ بجے ہیں۔ بارہ بجے آپ کو پھر یہی دوائی پینا ہے‘‘

’’پیوں گا۔ میرا باپ بھی پِیے گا۔ خدا اسے جنت نصیب کرے‘‘

’’اچھا، اب مجھے آرام کرنے دو۔ بارہ بجے اس واہیات دوا کی خواک لے آنا، جسے میں زہر مار کرلوں گا‘‘

’’کیا آپ سونا چاہتے ہیں؟‘‘

’’نہیں۔ سونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جب تک اس دوا کی بوتل ختم نہ ہو جائے‘‘

’’تو آپ لیٹے رہیں گے؟‘‘

’’نہیں۔ دوسرے کمرے میں جا کر کوئی کتاب یا رسالہ پڑھوں گا، جب تک بارہ بج جائیں گے‘‘

’’آپ کیا کھائیں گے؟‘‘

’’جو تم نے پکایا ہو گا۔ ویسے اگر گردے ہوں توبہت اچھے رہیں گے۔ ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ تھا کہ بھنے ہوئے گردے تمہارے گردوں کو جو کسی قدر کمزور ہیں، تقویت بخشیں گے‘‘

’’میں ابھی منگوا کر تیار کیے دیتی ہوں‘‘

’’آخری ڈوز کہاں گئی؟‘‘

’’وہ میں نے اپنی ہمسائی کو دے دی۔ اس کو بھی کھانسی کی شکایت تھی‘‘

’’لیکن۔ میرا مطلب یہ ہے کہ۔ اسے کچھ فائدہ ہوا؟‘‘

’’کچھ بھی نہیں۔ اس پر اس کا الٹا اثر ہوا ہے۔ دوا کی خوراک پینے کے بعد واہی تباہی بکنے لگی۔ غالبؔ اور میر کے شعر اپنے خاوند کو سناتی رہی‘‘

’’میں اتنے دنوں سے یہ دوائی پی رہا ہوں۔ غالبؔ کا سارا کلام مجھے حفظ ہے، لیکن میں نے آج تک تمہیں اس کا کوئی بھی شعر نہیں سنایا‘‘

’’شعر تو نہیں سنایا ہے۔ لیکن رات کو آپ اکثر سیاسیات پر لیکچر دیا کرتے ہیں‘‘

’’لیکچر۔ ہاں۔ میرا خیال ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس دوا میں شراب کا جُز ہے‘‘

’’شراب کا جُز قطعاً نہیں۔ اس کا ہر قطرہ شراب ہے‘‘

’’کیا مطلب؟‘‘

’’جی، ساری چالاکی کا علم ہو گیا۔ میری ہمسائی کے خاوند نے جب ڈاکٹر کو بلایا تو اس نے کہا کہ آپ کی عورت نے شراب پی ہے‘‘

’’تو لعنت ہے ایسی دوا پر‘‘

سعادت حسن منٹو

لتیکا رانی

وہ خوبصورت نہیں تھی۔ کوئی ایسی چیز اس کی شکل و صورت میں نہیں تھی جسے پرکشش کہا جاسکے، لیکن اس کے باوجود جب وہ پہلی بار فلم کے پردے پر آئی تو اس نے لوگوں کے دل موہ لیے اور یہ لوگ جو اسے فلم کے پردے پر ننھی منی اداؤں کے ساتھ بڑے نرم و نازک رومانوں میں چھوٹی سی تتلی کے مانند ادھر سے ادھر اور اُدھر سے اِدھر تھرکتے دیکھتے تھے، سمجھتے تھے کہ وہ خوبصورت ہے۔ اس کے چہرے مہرے اور اس کے ناز نخرے میں ان کو ایسی کشش نظر آتی تھی کہ وہ گھنٹوں اس کی روشنی میں مبہوت مکھیوں کی طرح بھنبھناتے رہتے تھے۔ اگر کسی سے پوچھا جاتا کہ تمہیں لتیکا رانی کے حسن و جمال میں کون سی سب سے بڑی خصوصیت نظر آتی ہے جو اسے دوسری ایکٹرسوں سے جدا گانہ حیثیت بخشتی ہے تو وہ بلا تامل یہ کہتا کہ اس کا بھولپن۔ اور یہ واقعہ ہے کہ پردے پر وہ انتہا درجے کی بھولی دکھائی دیتی تھی۔ اس کو دیکھ کر اس کے سوا کوئی اور خیال دماغ میں آ ہی نہیں سکتا تھا کہ وہ بھولی ہے، بہت ہی بھولی۔ اور جن رومانوں کے پس منظر کے ساتھ وہ پیش ہوتی ان کے تانے بانے یوں معلوم ہوتا تھا کسی جولاہے کی الھڑ لڑکی نے تیار کیے ہیں۔ وہ جب بھی پردے پر پیش ہوئی، ایک معمولی ان پڑھ آدمی کی بیٹی کے روپ میں چمکیلی دنیا سے دور ایک شکستہ جھونپڑا ہی جس کی ساری دنیا تھی۔ کسی کسان کی بیٹی، کسی مزدور کی بیٹی، کسی کانٹا بدلنے والے کی بیٹی اور وہ ان کرداروں کے خول میں یوں سما جاتی تھی جیسے گلاس میں پانی۔ لتیکا رانی کا نام آتے ہی آنکھوں کے سامنے، ٹخنوں سے بہت اونچھا گھگھرا پہنے، کھینچ کر اوپر کی ہوئی ننھی منی چوٹی والی، مختصر قد کی ایک چھوٹی سی لڑکی آجاتی تھی جو مٹی کے چھوٹے چھوٹے گروندے بنانے یا بکری کے معصوم بچے کے ساتھ کھیلنے میں مصروف ہے۔ ننگے پاؤں، ننگے سر، پھنسی پھنسی چولی میں بڑے شاعرانہ انکسار کے ساتھ سینے کا چھوٹا سا ابھار، معتدل آنکھیں، شریف سی ناک، اس کے سراپا میں یوں سمجھیے کہ دوشیزدگی کا خلاصہ ہو گیا تھا جو ہر دیکھنے والے کی سمجھ میں آجاتا تھا۔ پہلے فلم میں آتے ہی وہ مشہور ہو گئی اور اس کی یہ شہرت اب تک قائم ہے حالانکہ اسے فلمی دنیا چھوڑے ایک مدت ہو چکی ہے۔ اپنی فلمی زندگی کے دوران میں اس نے شہرت کے ساتھ دولت بھی پیدا کی۔ اس نپے تلے انداز میں گویا اس کو اپنی جیب میں آنے والی ہر پائی کی آمد کا علم تھا اور شہرت کے تمام زینے بھی اس نے اسی انداز میں طے کیے کہ ہر آنے و الے زینے کی طرف اس کا قدم بڑے وثوق سے اٹھا ہوتا تھا۔ لتیکا رانی بہت بڑی ایکٹرس اور عجیب و غریب عورت تھی۔ اکیس برس کی عمر میں جب وہ فرانس میں تعلیم حاصل کررہی تھی تو اس نے فرانسیسی زبان کی بجائے ہندوستانی زبان سیکھنا شروع کردی۔ اسکول میں ایک مدراسی نوجوان کو اس سے محبت ہو گئی تھی، اس سے شادی کرنے کا وہ پورا پورا فیصلہ کر چکی تھی لیکن جب لنڈن گئی تو اس کی ملاقات ایک ادھیڑ عمر کے بنگالی سے ہوئی جو وہاں بیرسٹری پاس کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ لتیکا نے اپنا ارادہ بدل دیا اور دل میں طے کرلیا کہ وہ اس سے شادی کرے گی اور یہ فیصلہ اس نے بہت سوچ بچار کے بعد کیا تھا۔ اس نے بیرسٹری پاس کرنے والے ادھیڑ عمر کے بنگالی میں وہ آدمی دیکھا جو اس کے خوابوں کی تکمیل میں حصہ لے سکتا تھا۔ وہ مدراسی جس سے اس کو محبت تھی جرمنی میں پھیپھڑوں کے امراض کی تشخیص و علاج میں مہارت حاصل کررہا تھا۔ اس سے شادی کرکے زیادہ سے زیادہ اسے اپنے پھیپھڑوں کی اچھی دیکھ بھال کی ضمانت مل سکتی تھی، جو اسے درکار نہیں تھی۔ لیکن پرفلا رائے ایک خواب ساز تھا۔ ایسا خواب ساز جو بڑے دیرپا خواب بُن سکتا تھا اور لتیکا اس کے اردگرد اپنی نسوانیت کے بڑے مضبوط جالے تن سکتی تھی۔ پرفلا رائے ایک متوسط گھرانے کا فرد تھا۔ بہت محنتی، وہ چاہتا تو قانون کی بڑی سے بڑی ڈگری تمام طالب علموں سے ممتاز رہ کر حاصل کرسکتا تھا مگر اسے اس علم سے سخت نفرت تھی۔ صرف اپنے ماں باپ کو خوش رکھنے کی غرض سے وہ ڈنرز میں حاضری دیتا تھا اور تھوڑی دیر کتابوں کا مطالعہ بھی کرلیتا تھا۔ ورنہ اس کا دل و دماغ کسی اور ہی طرف لگا رہتا تھا۔ کس طرف؟ یہ اس کو معلوم نہیں تھا۔ دن رات وہ کھویا کھویا سا رہتا۔ اس کو ہجوم سے سخت نفرت تھی، پارٹیوں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اس کا سارا وقت قریب قریب تنہائی میں گزرتا۔ کسی چائے خانے میں یا اپنی بوڑھی لینڈ لیڈی کے پاس بیٹھا وہ گھنٹوں ایسے قلعے بناتا رہتا جن کی بنیادیں ہوتی تھیں نہ فصیلیں۔ مگر اس کو یقین تھا کہ ایک نہ ایک دن اس سے کوئی نہ کوئی عمارت ضرور بن جائے گی جس کو دیکھ کر وہ خوش ہوا کرے گا۔ لتیکا جب پروفلارائے سے ملی تو چند ملاقاتوں ہی میں اس کو معلوم ہو گیا کہ یہ بیرسٹری کرنے والابنگالی معمولی آدمی نہیں۔ دوسرے مرد اس سے دلچسپی لیتے رہے تھے، اس لیے کہ وہ جوان تھی، ان میں سے اکثر نے اس کے حسن کی تعریف کی تھی، لیکن مدت ہوئی وہ اس کا فیصلہ اپنے خلاف کر چکی تھی۔ اس کو معلوم تھا کہ ان کی تعریف محض رسمی ہے۔ مدراسی ڈاکٹر جو اس سے واقعی محبت کرتا تھا اس کو صحیح معنوں میں خوبصورت سمجھتا تھا مگر لتیکا سمجھتی تھی کہ وہ اس کی نہیں اس کے پھیپھڑوں کی تعریف کررہا ہے جو اس کے کہنے کے مطابق بے داغ تھے۔ وہ ایک معمولی شکل و صورت کی لڑکی تھی۔ بہت ہی معمولی شکل و صورت کی۔ جس میں ایک جاذبیت تھی نہ کشش، اس نے کئی دفعہ محسوس کیا کہ وہ ادھوری سی ہے۔ اس میں بہت سی کمیاں ہیں جو پوری تو ہوسکتی ہیں مگر بڑی چھان بین کے بعد اور وہ بھی اس وقت جب اس کو خارجی امداد حاصل ہو۔ پرفلا رائے سے ملنے کے بعد لتیکا نے محسوس کیا تھا کہ وہ جو بظاہر سگرٹ پر سگرٹ پھونکتا رہتا ہے اور جس کا دماغ ایسا لگتا ہے، ہمیشہ غائب رہتا ہے اصل میں سگرٹوں کے پریشان دھوئیں میں اپنے دماغ کی غیر حاضری کے باوجود اس کی شکل و صورت کے تمام اجزاء بکھیر کر ان کو اپنے طور پر سنوارنے میں مشغول ر ہتا ہے۔ وہ اس کے اندازِ تکلم، اس کے ہونٹوں کی جنبش اور اس کی آنکھوں کی حرکت کو صرف اپنی نہیں دوسروں کی آنکھوں سے بھی دیکھتا ہے، پھر ان کو الٹ پلٹ کرتا ہے اور اپنے تصور میں تکلم کا نیا انداز، ہونٹوں کی نئی جنبش اور آنکھوں کی نئی حرکت پیدا کرتا ہے۔ ایک خفیف سی تبدیلی پر وہ بڑے اہم نتائج کی بنیادیں کھڑی کرتا ہے اور دل ہی دل میں خوش ہوتا ہے۔ لتیکا ذہین تھی، اس کو فوراً ہی معلوم ہو گیا تھا کہ پرفلارائے ایسا معمار ہے جو اسے عمارت کا نقشہ بنا کر نہیں دکھائے گا۔ وہ اس سے یہ بھی نہیں کہے گا کہ کون سی اینٹ اکھیڑ کر کہاں لگائی جائے گی تو عمارت کا سقم دور ہو گا۔ چنانچہ اس نے اس کے خیالات و افکار ہی سے سب ہدایتیں وصول کرنا شروع کردی تھیں۔ پرفلا رائے نے بھی فوراً ہی محسوس کرلیا کہ لتیکا اس کے خیالات کا مطالعہ کرتی ہے اور ان پر عمل کرتی ہے۔ وہ بہت خوش ہوا۔ چنانچہ اس خاموش درس و تدریس کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔ پرفلارائے اور لتیکا دونوں مطمئن تھے، اس لیے کہ وہ دونوں لازم و ملزوم سے ہو گئے تھے۔ ایک کے بغیر دوسرا نامکمل تھا۔ لتیکا کو خاص طور پر اپنی ذہنی و جسمانی کروٹ میں پرفلا کی کی خاموش تنیقد کا سہارا لینا پڑتا تھا۔ وہ اس کے ناز و ادا کی کسوٹی تھا، اس کی بظاہر خلا میں دیکھنے والی نگاہوں سے اس کو پتہ چل جاتا کہ اس کی پلک کی کونسی نوک ٹیڑھی ہے۔ لیکن وہ اب یہ حقیقت معلوم کر چکی تھی۔ کہ وہ حرارت جو اس کی خلا میں دیکھنے والی آنکھوں میں ہے، اس کی آغوش میں نہیں تھی۔ لتیکا کے لیے یہ بالکل ایسی تھی جیسی کھری چارپائی۔ لیکن وہ مطمئن تھی، اس لیے کہ اس کے خوابوں کے بال وپر نکالنے کے لیے پرفلا کی آنکھوں کی حرارت ہی کافی تھی۔ وہ بڑی سیاق دان اور اندازہ گیر عورت تھی۔ اس نے دو مہینے کے عرصے ہی میں حساب لگا لیا تھا کہ ایک برس کے اندر اندر اس کے خوابوں کے تکمیل کی ابتداء ہو جائے گی۔ کیونکر ہو گی اور کس فضا میں ہو گی۔ یہ سوچنا پرفلارائے کا کام تھا اور لتیکا کو یقین تھا کہ اس کا سدا متحرک دماغ کوئی نہ کوئی راہ پیدا کریگا۔ چنانچہ دونوں جب ہندوستان جانے کے ارادے سے برلن کی سیر کو گئے اور پرفلا کا ایک دوست انھیں اون فلم اسٹوڈیوز میں لے گیا تو لتیکا نے پروفلا کی خلا میں دیکھنے والی آنکھوں کی گہرائیوں میں اپنے مستقبل کی صاف جھلک دیکھ لی۔ وہ ایک مشہور جرمن ایکٹرس سے محوِ گفتگو تھا مگر لتیکا محسوس کررہی تھی کہ وہ اس کے سراپا کو کنیوس کا ٹکڑا بنا کر ایکٹرس لتیکا کے نقش و نگار بنا رہاہے۔ بمبئی پہنچے تو تاج محل ہوٹل میں پرفلا رائے کی ملاقات ایک انگریز نائٹ سے ہوئی جو قریب قریب قلاش تھا۔ مگر اس کی واقفیت کا دائرہ بہت وسیع تھا۔ عمر ساٹھ سے کچھ اوپر، زبان میں لکنت، عادات و اطوار بڑی شستہ، پرفلا رائے اس کے متعلق کوئی رائے قائم نہ کرسکا۔ مگر لتیکا رانی کی اندازہ گیر طبیعت نے فوراً بھانپ لیا کہ اس سے بڑے مفید کام لیے جاسکتے ہیں، چنانچہ وہ نرس کی سی توجہ اور خلوص کے ساتھ اس سے ملنے جلنے لگی اور جیسا کہ لتیکا کو معلوم تھا ایک ڈن ڈنر پر ایک طرخ خود بخود طے ہو گیا کہ اس فلم کمپنی میں جو پرفلا رائے قائم کرے گا۔ وہ دو مہمان جوسر ہاورڈپسیکل نے مدعو کیے تھے ڈائرکٹر ہوں گے اور چند دن کے اندر اندر وہ تمام مراحل طے ہو گئے جو ایک لمیٹڈ کمپنی کی بنیادیں کھڑی کرنے میں درپیش آتے ہیں۔ سرہاورڈ بہت کام کا آدمی ثابت ہوا۔ یہ پرفلا کا رد عمل تھا، لیکن لتیکا شروع ہی سے جانتی تھی کہ وہ ایسا آدمی ہے جس کی افادیت بہت جلد پردہ ظہور پر آجائے گی۔ وہ جب اس کی خدمت گزاری میں کچھ وقت صرف کرتی تھی تو پرفلا حسد محسوس کرتا تھا، مگر لتیکا نے کبھی اس طرف توجہ ہی نہیں دی تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کی قربت سے بڈھا سرہاورڈ ایک گونہ جنسی تسکین حاصل کرتا تھا، مگر وہ اس میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتی تھی۔ یوں تو وہ دو مالدار مہمان بھی اصل میں اسی کی وجہ سے اپنا سرمایہ لگانے کے لیے تیار ہوئے تھے اور لتیکا کو اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں تھا۔ اس کے نزدیک یہ لوگ صرف اسی وقت تک اہم تھے جب تک ان کا سرمایہ ان کی تجوریوں میں تھا، وہ ان دونوں کا تصور بڑی آسانی سے کرسکتی تھی جب یہ مارواڑی سیٹھ اسٹوڈیوز میں اس کی ہلکی سی جھلک دیکھنے کے لیے بھی ترسا کریں گے لیکن یہ دن قریب لانے کیلیے اس کو کوئی عجلت نہیں تھی، ہر چیز اس کے حساب کے مطابق اپنے وقت پر ٹھیک ہورہی تھی۔ لمیٹڈ کمپنی کا قیام عمل میں آگیا۔ اس کے سارے حصے بھی فروخت ہو گئے۔ سرہاورڈ پیسکل کے وسیع تعلقات اور اثر و رسوخ کی وجہ سے ایک پر فضا مقام پر اسٹوڈیو کے لیے زمین کا ٹکڑا بھی مل گیا۔ ادھر سے فراغت ہوئی تو ڈائرکٹروں نے پرفلا رائے سے درخواست کی کہ وہ انگلینڈ جا کر ضروری سازوسامان خرید لائے۔ انگلینڈ جانے سے ایک روز پہلے پرفلا نے ٹھیٹ یورپی انداز میں لتیکا سے شادی کی درخواست کی جو اس نے فوراً منظور کرلی۔ چنانچہ اسی دن ان دنوں کی شادی ہو گئی۔ دونوں انگلینڈ گئے۔ ہنی مون میں دونوں کے لیے کوئی نئی بات نہیں تھی۔ ایک دوسرے کے جسم کے متعلق جو انکشافات ہونے تھے وہ عرصہ ہوا ان پر ہو چکے تھے، ان کو اب دھن صرف اس بات کی تھی کہ وہ کمپنی جو انھوں نے قائم کی ہے اس کے لیے مشینری خریدیں اور واپس بمبئی میں جا کر کام پر لگ جائیں۔ لتیکا نے کبھی اس کے متعلق نہ سوچا تھا کہ پرفلا جو فلم سازی سے قطعاً ناواقف ہے۔ اسٹوڈیو کیسے چلائے گا۔ اس کو اس کی ذہانت کا علم تھا۔ جس طرح اس نے خاموشی ہی خاموشی میں صرف اپنی خلا میں دیکھنے والی آنکھوں سے اس کی نوک پلک درست کردی تھی۔ اسی طرح اس کو یقین تھا کہ وہ فلم سازی میں بھی کامیاب ہو گا۔ وہ اس کو جب اپنے پہلے فلم میں ہیروئن بنا کر پیش کرے گا تو ہندوستان میں ایک قیامت برپا ہو جائے گی۔ پرفلا رائے فلم سازی کی تکنیک سے قطعاً ناآشنا تھا۔ جرمنی میں صرف چند دن اس نے اوفا اسٹوڈیوز میں اس صنعت کا سرسری مطالعہ کیا تھا، لیکن جب وہ انگلینڈ سے اپنے ساتھ ایک کیمرہ مین اور ایک ڈائریکٹر لے کر آیا اور انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کا پہلا فلم سیٹ پر گیا تو اسٹوڈیوز کے سارے عملے پر اس کی ذہانت اور قابلیت کی دھاگ بیٹھ گئی۔ بہت کم گفتگو کرتا تھا۔ صبح سویرے اسٹوڈیو آتا تھا اور سارا دن اپنے دفتر میں فلم کے مناظر اور مکالمے تیار کرانے میں مصروف رہتا تھا۔ شوٹنگ کا ایک پروگرام مرتب تھا جس کے مطابق کام ہوتا تھا، ہر شعبے کا ایک نگران مقرر تھا جو پرفلا کی ہدایت کے مطابق چلتا تھا۔ اسٹوڈیو میں ہر قسم کی آوارگی ممنوع تھی۔ بہت صاف ستھرا ماحول تھا جس میں ہر کام بڑے قرینے سے ہوتا تھا۔ پہلا فلم تیار ہو کر مارکیٹ میں آگیا۔ پرفلا رائے کی خلا میں دیکھنے والی آنکھوں نے جو کچھ دیکھنا چاہتا تھا وہی پردے پر پیش ہوا۔ وہ زمانہ بھڑکیلے پن کا تھا۔ ہیروئن وہی سمجھی جاتی تھی جو زرق برق کپڑوں میں ملبوس ہو۔ اونچی سوسائٹی سے متعلق ہو۔ ایسے رومانوں میں مبتلا ہو حیققت سے جنھیں دور کا بھی واسطہ نہیں ایسی زبان بولے جو اسٹیج کے ڈراموں میں بولی جاتی ہے۔ لیکن پرفلا رائے کے پہلے فلم میں سب کچھ اس کارد تھا۔ فلم بینوں کے لیے یہ تبدیلی، یہ اچانک انقلاب بڑا خوشگوار تھا، چنانچہ یہ ہندوستان میں ہر جگہ کامیاب ہوا اور لتیکا رانی نے عوام کے دل میں فوراً ہی اپنا مقام پیدا کرلیا۔ پرفلا رائے اس کامیابی پر بہت مطمئن تھا۔ وہ جب لتیکا کے معصوم حسن اور اس کی بھولی بھالی اداکاری کے متعلق اخباروں میں پڑھتا تھا تو اس کو اس خیال سے کہ وہ ان کا خالق ہے بہت راحت پہنچتی تھی۔ لیکن لتیکا پر اس کامیابی نے کوئی نمایاں اکثر نہیں کیا تھا۔ اس کی اندازہ گیر طبیعت کے لیے یہ کوئی غیر متوقع چیز نہیں تھی۔ وہ کامیابیاں جو مستقبل کی کوکھ میں چھپی ہوئی تھیں، کھلی ہوئی کتاب کے اوراق کی مانند اس کے سامنے تھیں۔ پہلے فلم کی نمائش عظمیٰ پر وہ کیسے کپڑے پن کر سینما ہال میں جائے گی۔ اپنے خاوند پرفلا رائے سے دوسروں کے سامنے کس قسم کی گفتگو کرے گی۔ جب اسے ہار پہنائے جائیں گے تو وہ انھیں اتار کر خوش کرنے کے لیے کس کے گلے میں ڈالے گی۔ اس کے ہونٹوں کا کون سا کونہ کس وقت پر کس انداز میں مسکرائے گا یہ سب اس نے ایک مہینہ پہلے سوچ لیا تھا۔ اسٹوڈیو میں لتیکا کو ہر حرکت ہر ادا ایک خاص پلان کے ماتحت عمل میں آتی تھی۔ اس کا مکان پاس ہی تھا۔ سرہاورڈ پیسکل کو پرفلا رائے نے اسٹوڈیو کے بالائی حصے میں جگہ دے رکھی تھی۔ لتیکا صبح سویرے آتی اور کچھ وقت سرہاروڈ کے ساتھ گزارتی، جس کو باغبانی کا شوق تھا۔ نصف گھنٹے تک وہ اس بڈھے الکن نائٹ کے ساتھ پھولوں کے متعلق گفتگو کرتی رہتی۔ اس کے بعد گھر چلی جاتی اور اپنے خاوند سے اس کی ضروریات کے مطابق تھوڑا سا پیار کرتی۔ وہ اسٹوڈیو چلا جاتا اور لتیکا اپنے سادہ میک اپ میں جس کا ایک ایک خط، ایک ایک نقطہ پرفلا کا بنایا ہوا تھا، مصروف ہوجاتی۔ دوسرا فلم تیار ہوا، پھر تیسرا، اسی طرح پانچواں، یہ سب کامیاب ہوئے اتنے کامیاب کہ دوسرے فلم سازوں کو انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کے قائم کردہ خطوط پر بدرجہ مجبوری چلنا پڑا۔ اس نقل میں وہ کامیاب ہوئے یا ناکام، اس کے متعلق ہمیں کوئی سروکار نہیں۔ لتیکا کی شہرت ہر نئے فلم کے ساتھ آگے ہی آگے بڑھتی گئی۔ ہر جگہ انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کا شہرہ تھا۔ مگر پرفلا رائے کو بہت کم آدمی جانتے تھے۔ وہ جو اس کا معمار تھا، وہ جو لتیکا کا نصف بہتر تھا۔ لیکن پرلفا نے کبھی اس کے متعلق سوچا ہی نہیں تھا، اس کی خلا میں جھانکنے والی آنکھیں ہر وقت سگرٹ کے دھوئیں میں لتیکا کے نت نئے روپ بنانے میں مصروف رہتی تھیں۔ ان فلموں میں ہیرو کو کوئی اہمیت نہیں تھی۔ پرفلا رائے کے اشاروں پر وہ کہانی میں اٹھتا، بیٹھتا اور چلتا تھا۔ اسٹوڈیو میں بھی اس کی شخصیت معمولی تھی۔ سب جانتے تھے کہ پہلا نمبر مسٹر رائے کا اور دوسرا مسز رائے کا۔ جو باقی ہیں سب فضول ہیں۔ لیکن اس کا ردعمل یہ شرع ہوا کہ ہیرونے پر پرزے نکالنے شروع کردیے۔ لتیکا کے ساتھ اس کا نام پردے پر لازم و ملزوم ہو گیا تھا۔ اس لیے اس سے اس نے فائدہ اٹھانا چاہا۔ لتیکا سے اسے دلی نفرت تھی، اس لیے کہ وہ اس کے حقوق کی پروا ہی نہیں کرتی تھی۔ اس کا اظہار بھی اس نے اب آہستہ آہستہ اسٹوڈیو میں کرنا شروع کردیا تھا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اچانک پرفلا رائے نے اپنے آئندہ فلم میں اس کو شامل نہ کیا۔ اس پر چھوٹا سا ہنگامہ برپا ہوا لیکن فوراً ہی دب گیا۔ نئے ہیرو کی آمد سے تھوڑی دیر اسٹوڈیو میں چہ میگوئیاں ہوتی رہیں۔ لیکن یہ بھی آہستہ آہستہ غائب ہو گئیں۔ لتیکا اپنے شوہر کے اس فیصلے سے متفق نہیں تھی۔ لیکن اس سے اسے تبدیل کرانے کی کوشش نہ کی، جو حساب اس نے لگایا تھا اس کے مطابق تازہ فلم ناکام ثابت ہوا۔ اس کے بعد دوسرا بھی اور جیسا کہ لتیکا کو معلوم تھا، اس کی شہرت دبنے لگی اور ایک دن یہ سننے میں آیا کہ وہ نئے ہیرو کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔ اخباروں میں ایک تہلکہ مچ گیا۔ لتیکا کا دامن حیرت ناک طور پر رومانس وغیہ سے پاک رہا تھا۔ لوگوں نے جب سنا کہ وہ نئے ہیرو کے ساتھ بھاگ گئی ہے تو اس کے عشق کی کہانیاں گھڑنی شروع کردیں۔ پرفلا رائے کوبہت صدمہ ہوا جو اس کے قریب تھے ان کا بیان ہے کہ وہ کئی بار بے ہوش ہوا۔ لتیکا کا بھاگ جانا اس کی زندگی کا بہت بڑا صدمہ تھا۔ اس کا وجود اس کے لیے کینوس کا ایک ٹکڑا تھا۔ جس پر وہ اپنے خوابوں کی تصویر کشی کرتا تھا۔ اب ایسا ٹکڑا اسے اور کہیں سے دستیاب نہ ہوسکتا تھا۔ غم کے مارے وہ نڈھال ہو گیا اس نے کئی بار چاہا کہ اسٹوڈیو کو آگ لگا دے اور اس میں خود کو جھونک دے۔ مگر اس کے لیے بڑی ہمت کی ضرورت تھی جو اس میں نہیں تھی۔ آخر پرانا ہیرو آگے بڑھا اور اس نے معاملہ سلجھانے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔ اس نے لتیکا کے بارے میں ایسے ایسے انکشافات کیے کہ پرفلا بھونچکے رہ گیا۔ اس نے بتایا۔

’’لتیکا ایسی عورت ہے جو محبت کے لطیف جذبے سے قطعاً محروم ہے۔ نئے ہیرو کے ساتھ وہ اس لیے نہیں بھگای کہ اس کو اس سے عشق ہے۔ یہ محض اسٹنٹ ہے۔ ایک ایسی چال ہے جس سے وہ اپنی تنزل پذیر شہرت کو تھوڑے عرصے کے لیے سنبھالا دینا چاہتی ہے اور اس میں اس نے اپنا شریک کار نئے ہیرو کو اس لیے بنایا ہے کہ وہ میری طرح خود سر نہیں وہ اس کو اس طرح اپنے ساتھ لے گئی ہے جس طرح کسی نوکر کو لے جاتے ہیں۔ اگر اس نے مجھے منتخب کیا ہوتا تو اس کی اسکیم کبھی کامیاب نہ ہوتی۔ میں کبھی اس کے احکام پر نہ چلتا۔ وہ اس وقت واپس آنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ اس کے حساب کے مطابق اس کی واپسی میں بہت دن اوپر ہو گئے ہیں۔ اور میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ شاید میں یہ باتیں بھی اسی کے کہنے کے مطابق آپ کو بتا رہا ہوں۔ ‘‘

دوسرے تخلیقی فن کاروں کی طرح پرفلا رائے بھی پرلے درجے کا سکی تھا پرانے ہیرو کی یہ باتیں فوراً ذہن میں بیٹھ گئیں، لیکن جب لتیکا واپس آئی تو اس نے عاشق صادق کے سے گلے شکوے شروع کردیے اور اس کو بے وفائی کا مجرم قرار دیا۔ لتیکا خاموش رہی۔ اس نے اپنی بے گناہی کے جواز میں کچھ نہ کہا۔ پرانے ہیرو نے اس کے متعلق جو باتیں اس کے شوہر سے کی تھیں، اس نے ان پر بھی کوئی تبصرہ نہ کیا۔ اس کے کہنے کے مطابق پرانے ہیرو کی تنخواہ دوگنی ہو گئی۔ اب وہ اس سے باتیں بھی کرتی تھی، لیکن ان کے درمیان وہ فاصلہ بدستور قائم رہا۔ جس کی حدود شروع ہی سے مقرر کر چکی تھی۔ فلم پھر کامیاب ہوا۔ جو اس کے بعد پیش ہوا اسے بھی کامیابی نصیب ہوئی لیکن اس دوران میں انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کے خطوط پر چل اور کئی ادارے فلم سازی کی نئی راہیں کھول چکے تھے۔ متعدد نئے چہرے جو لتیکا کے مقابلے میں کئی گنا پرکشش تھے، اسکرین پر پیش ہو چکے تھے۔ پرانے ہیرو کا خیال تھا کہ لتیکا ضرور اپنے خاوند کو چھوڑ کر کسی اور فلم ساز کی آغوش میں چلی جائے گی جو اس کے وجود میں نئے جزیرے دریافت کرسکے۔ لیکن بہت دیر تک کوئی قابل ذکر بات وقوع پذیر نہ ہوئی۔ اسٹوڈیو میں لتیکا کے متعلق ہر روز مختلف باتیں ہوتی تھیں۔ سب یہ جاننے کی کوشش کرتے تھے کہ خاوند کے ساتھ اس کے تعلقات کس قسم کے ہیں۔ ان کے بارے میں کئی روایتیں مشہور تھیں۔ جن میں سے ایک یہ بھی کہ وہ اپنے سائیں کے ساتھ خراب ہے۔ یہ روایت پرانے ہیرو سے تھی۔ اس کو یقین تھا کہ لتیکا اپنے سائیں رام بھروسے کے ذریعے سے اپنی جسمانی خواہشات پوری کرتی ہے اور اپنے خاوند پرفلارائے سے اس کے تعلقات صرف نمائشی بستر تک محدود ہیں۔ ! پرانا ہیرو اپنے اس مفروضے کے جواز میں یہ کہتا تھا۔

’’لتیکا جیسی عورت اس کے قسم کے تعلقات صرف ادنےٰ قسم کے نوکر ہی سے پیدا کرسکتی ہے جو اس کے اشارے پر آئے اور اشارے ہی پر چلا جائے۔ جس کی گردن اس کے احسان تلے دبی رہے۔ اگروہ عشق ومحبت کرنے کی اہلیت رکھتی تو نئے ہیرو کے ساتھ بھاگ کر پھر واپس نہ آتی۔ یہ اس کا اسٹنٹ تھا اور اس کا پول کھل چکا ہے۔ تم یقین مانو کہ اس کے دن لد چکے ہیں اور سب جانتی ہے اور اچھی طرح سمجھتی ہے اس کو یہ بھی معلوم ہے کہ مسٹر رائے کی تمام طاقتیں اسے بنانے اور سنوارنے میں ختم ہو چکی ہیں، اب وہ آم کی چسی ہوئی گٹھلی کے مانند ہے۔ اس میں وہ رس نہیں رہا جس سے وہ اتنی دیر امرت حاصل کرتی رہی تھی۔ تم دیکھ لینا، تھوڑے ہی عرصے کے بعد اپنی کایا کلپ کرانے کی خاطر وہ کسی اور فلم ساز کی آغوش میں چلی جائے گی۔ ‘‘

لتیکا کسی اور فلم سازش کی آغوش میں نہ گئی! ایسا معلوم ہوتا کہ یہ موڑ اس کے بنائے ہوئے نقشے میں نہیں تھا۔ نئے ہیرو کے ساتھ بھاگ جانے کے بعد اس میں بظاہر کوئی فرق نہیں آیا تھا۔ سرہاورڈ پیسکل کے ساتھ صبح سویرے باغبانی میں مصروف وہ ابھی اسی طرح نظر آتی تھی۔ اسٹوڈیو میں اس کے بارے میں جو باتیں ہوتی تھیں، اس کے علم میں تھیں، مگر وہ خاموش رہتی تھی، اس طرح پُر تمکنت طور پر خاموش! دو لفم اور بنے جو بہت بری طرح ناکام ہوئے۔ انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کا روشن نام مدھم پڑنے لگا لتیکا پر اس کا کوئی رد عمل ظاہر نہ ہوا۔ اسٹوڈیو کا ہر آدمی جانتا تھا کہ مسٹررائے سخت پریشان ہیں۔ پرانے ہیرو جو اپنا آقا کی قدر کرتا تھا اور اس کا ہم درد بھی تھا۔ کئی بار اسے رائے دی کہ وہ کمپنی کے بکھیڑوں سے الگ ہو جائے۔ فلم سازی کا کام اپنے شاگردوں کو سونپ دے اور خود آرام و سکون کی زندگی بسر کرنا شروع کردے۔ مگر اس کا کچھ اثر نہ ہوا۔ ایسا معلوم ہوتا کہ پرفلارائے ایک بار پھر اپنی خواب ساز دماغ کی منتشر اور مضمحل قپوتیں مجتمع کرنا چاہتا ہے اور لتیکا کے وجود کے ڈھیلے تانے بانے میں ایک نئے اور دیرپا خواب کے نقش ابھارنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ گھر کے نوکروں سے جو خبریں باہر آتی تھیں، ان سے پتہ چلتا تھا کہ مسٹر رائے کا مزاج بہت چڑچڑا ہو گیا ہے۔ ہر وقت جھنجھلایا رہتا ہے کبھی کبھی غصے میں آکر لتیکا کو گندی گندی گالیاں بھی دیتا ہے، مگر وہ خاموش رہتی ہے۔ رات کو جب مسٹررائے کو شب بیداری کی شکایت ہوتی ہے تو وہ اس کا سر سہلاتی ہے، پاؤں دباتی ہے اور سُلا دیتی ہے۔ پہلے مسٹررائے کبھی اصرار نہیں کرتے تھے کہ لتیکا ان کے پاس سوئے، پر اب وہ کئی بار راتوں کو اٹھ اٹھ کر اسے ڈھونڈتے تھے اور اس کو مجبور کرتے تھے کہ وہ ان کے ساتھ سوئے۔ پرانے ہیرو کو جب ایسی باتیں معلوم ہوتی تھیں تو اسے بہت دکھ ہوتا تھا۔

’’مسٹر رائے بہت بڑا آدمی ہے۔ لیکن افسوس کہ اس نے اپنا دماغ ایک ایسی عورت کے قدموں میں ڈال دیا جو کسی طرح بھی اس اعزاز کے قابل نہیں تھی۔ وہ عورت نہیں چڑیل تھی۔ میرے اختیار میں ہو تو میں اسے گولی سے اڑا دوں!۔ سب سے بڑی ٹریجڈی تو یہ ہے کہ مسٹررائے کو اب اس سے بہت زیادہ محبت ہو گئی ہے۔ ‘‘

جو زیادہ گہرائیوں میں اترنے والے تھے، ان کا یہ خیال تھا کہ پرفلا رائے میں چونکہ اب لتیکا کا کوئی اور رنگ روپ دینے کی قوت باقی نہیں رہی، اس لیے وہ جنجھلا کر اس کو خراب کردینا چاہتا ہے۔ اب تک وہ اسے ایک مقدس چیز سمجھتا رہا تھا جس پر اس نے گندگی اور نجاست کا ایک ذرہ تک بھی نہیں گرنے دیا تھا۔ مگر اب وہ اسے ناپاک کردینا چاہتا ہے، غلاظت میں لتھیڑ دینا چاہتا ہے، تاکہ جب وہ کسی کے منہ سے یہ سنے کہ تمہاری لتیکا کو ہم نے فلاں فلاں نجاست سے ملوث کیا ہے تو اسے زیادہ روحانی کوفت نہ ہو۔ وہ پہلے خوابوں کی نرم و نازک دنیا میں بستا تھا، اب حقیقت کے پتھروں کے ساتھ اپنا اور لتیکا کا سر پھوڑنا چاہتا ہے۔ وقت گزرتا گیا، انڈیا ٹاکیز لمیٹڈ کے بائیسویں فلم کی شوٹنگ جاری تھی، پرفلا رائے ایک بالکل نیا تجربہ کررہا تھا۔ لیکن اسٹوڈیو کے آدمیوں کو معلوم نہ تھا کہ وہ کس قسم کا ہے۔ رائے کے دفتر کی بتی رات کو دیر تک جلتی رہتی تھی۔ گھر جانے کے بجائے اب وہ اکثر وہیں سوتا تھا۔ کاغذوں کے انبار اس کی میز پر لگے رہتے تھے۔ جب اس کی ایش ٹرے صاف کی جاتی تو جلے ہوئے سگرٹوں کا ایک ڈھیر نکلتا۔ کہانی لکھی جارہی تھی۔ مگر کس نوعیت کی۔ اسی کے سینریو ڈیپارٹمنٹ کو بھی کچھ معلوم نہیں تھا۔ درزی خان کے لوگ قریب قریب بیکار تھے۔ ایک دن لیتکا وہاں نمودار ہوئی اور اس نے اپنے لیے لمبی آسینوں والا سیاہ بلاؤز بنانے کا حکم دیا۔ کپڑا اس کی پسند کے مطابق آیا، ڈیزائن بھی اس نے خود منتخب کیا، اس کے ساتھ ہی اس نے سیاہ جارجٹ کی ساڑھی منگوائی، پھر ہیئر ڈریسر مس ڈی میلو سے اپنے نئے ہیئر اسٹائل کے متعلق مفصل بات چیت کی۔ یہ باتیں جب اسٹوڈیو میں عام ہوئیں تو لوگوں نے نئے فلم کے متعلق اپنی اپنی فکر کے مطابق اندازے لگائے۔ پرانے ہیرو کا یہ خیال تھا کہ مسٹر رائے شاید اپنی زندگی کی ٹریجیڈی پیش کریں گے لیکن جب پہلی شوٹنگ کی اطلاع بورڈ پر لگی اور سیٹ پر کام شروع ہوا تو لوگوں کو بڑی ناامیدی ہوئی۔ وہی پرانا ماحول تھا اور وہی پرانے ملبوسات۔ شوٹنگ حسب معمول بڑے ہموار طریقے پر جاری رہی، لیکن اچانک ایک دن اسٹوڈیو میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ پرفلا رائے حسب معمول سیٹ پر نمودار ہوا۔ چند لمحات اس نے شوٹنگ دیکھی اور ایک دم کیمرہ مین پر برس پڑا۔ آؤ دیکھا نہ تاؤ زور کا تھپڑ اس کے کان پر جڑ دیا۔ جس کے باعث وہ بے ہوش ہو گیا۔ پہلے تو اسٹوڈیو کے آدمی خاموش رہے لیکن جب انھوں نے دیکھا کہ مسٹر رائے پر دیوانگی طاری ہے تو انھوں نے مل کر اسے پکڑ لیا اسے گھر لے گئے۔ اچھے سے اچھے ڈاکٹر بلائے گئے مگر پرفلا رائے کی دیوانگی بڑھتی گئی وہ بار بار لتیکا کو اپنے پاس بلاتا تھا مگر جب وہ اس کی نظروں کے سامنے آتی تھی تو اس کا جوش بڑھ جاتا تھا اور وہ چاہتا تھا کہ اسے نوچ ڈالے، اتنی گالیاں دیتا تھا، ایسے ایسے برے ناموں سے اسے یاد کرتا تھا کہ سننے والے حیرت زدہ ایک دوسرے کا منہ تکتے لگنے تھے۔ پورے چار دن تک پرفلا رائے پر دیوانگی طاری رہی۔ بہت خطرناک قسم کی دیوانگی۔ پانچویں روز صبح سویرے جب کہ لتیکا سرہاورڈپیسکل کے ساتھ باغبانی میں مصروف تھی اور دبی دبی زبان میں اپنے خاوند کی افسوسناک بیماری کا ذکر کررہی تھی۔ یہ اطلاع پہنچی کہ مسٹرر ائے آخری سانس لے رہے ہیں۔ یہ سن کر لتیکا کو غوش آگیا۔ سرہاورڈ اور اسٹوڈیو کے دوسرے آدمی ان کو ہوش میں لانے کی کوشش میں مصروف تھے کہ دوسری اطلاع پہنچی کہ مسٹر رائے سورگباش ہو گئے۔ دس بجے کے قریب جب لوگ ارتھی اٹھانے کے لیے کوٹھی پہنچے تو لتیکا نمودار ہوئی۔ اس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں۔ بال پریشان تھے۔ سیاہ ساڑھی اور سیاہ بلاؤز پہنے ہوئے تھے۔ پرانے ہیرو نے اس کو دیکھا اور بڑی نفرت سے کہا۔

’’کمبخت کو معلوم تھا کہ یہ سین کب شوٹ کیا جانے والا ہے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

لال ٹین

میرا قیام

’’بٹوت‘‘

میں گو مختصر تھا۔ لیکن گوناگوں روحانی مسرتوں سے پُر۔ میں نے اس کی صحت افزا مقام میں جتنے دن گزارے ہیں ان کے ہر لمحہ کی یاد میرے ذہن کا ایک جزو بن کے رہ گئی ہے۔ جو بھلائے نہ بھولے گی۔ کیا دن تھے!۔ باربار میرے دل کی گہرائیوں سے یہ آواز بلند ہوتی ہے اور میں کئی کئی گھنٹے اس کے زیر اثر بے خود مدہوش رہتا ہوں۔ کسی نے ٹھیک کہا ہے کہ انسان اپنی گزشتہ زندگی کے کھنڈروں پر مستقبل کی دیواریں استوار کرتا ہے۔ ان دنوں میں بھی یہی کررہا ہوں یعنی بیتے ہوئے ایام کی یاد کو اپنی مضمحل رگوں میں زندگی بخش انجکشن کے طور پر استعمال کررہا ہوں۔ جو کل ہوا تھا اسے اگر آج دیکھا جائے تو اس کے اور ہمارے درمیان صدیوں کا فاصلہ نظر آئے گا اور جو کل ہونا ہی ہے اسکے متعلق ہم کچھ نہیں جانتے اور نہ جان سکتے ہیں۔ آج سے پورے چار مہینے کی طرف دیکھا جائے تو بٹوت میں میری زندگی ایک افسانہ معلوم ہوتی ہے۔ ایسا افسانہ جس کا مسودہ صاف نہ کیا گیا ہو۔ اس کھوئی ہوئی چیز کو حاصل کرنا دوسرے انسانوں کی طرح میرے بس میں بھی نہیں۔ جب میں استقبال کے آئینہ میں اپنی آنے والی زندگی کا عکس دیکھنا چاہتا ہوں تو اس میں مجھے حال ہی کی تصویر نظر آتی ہے اور کبھی کبھی اس تصویر کے پس منظر میں ماضی کے دھندلے نقوش نظر آجاتے ہیں۔ ان میں بعض نقش اس قدر تیکھے اور شوخ رنگ ہیں کہ شاید ہی انھیں زمانہ کا ہاتھ مکمل طور پر مٹا سکے۔ زندگی کے اس کھوئے ہوئے ٹکڑے کو میں اس وقت زمانہ کے ہاتھ میں دیکھ رہا ہوں جو شریر بچے کی طرح مجھے بار بار اس کی جھلک دکھا کر اپنی پیٹھ پیچھے چھپا لیتا ہے۔ اور میں اس کھیل ہی سے خوش ہوں۔ اسی کو غنیمت سمجھتا ہوں۔ ایسے واقعات کو جن کی یاد میرے ذہن میں اب تک تازہ ہے میں عام طور پر دہراتا رہتا ہوں، تاکہ ان کی تمام شدت برقراررہے۔ اور اس غرض کے لیے میں کئی طریقے استعمال کرتا رہتا ہوں۔ بعض اوقات میں یہ بیتے ہوئے واقعات اپنے دوستوں کوسنا کر اپنا مطلب حل کرلیتا ہوں۔ اگر آپ کو میرے ان دوستوں سے ملنے کا اتفاق ہو تو وہ آپ سے یقیناً یہی کہیں گے کہ میں قصہ گوئی اور آپ بیتیاں سنانے کا بالکل سلیقہ نہیں رکھتا۔ یہ میں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ داستان سنانے کے دوران میں مجھے سامعین کے تیوروں سے ہمیشہ اس بات کا احساس ہوا ہے کہ میرا بیان غیر مربوط ہے۔ اور میں جانتا ہوں کہ چونکہ میری داستان میں ہمواری کم اور جھٹکے زیادہ ہوتے ہیں اس لیے میں اپنے محسوسات کو اچھی طرح کسی کے دماغ پر منتقل نہیں کرسکتا اور مجھے اندیشہ ہے کہ میں ایسا شاید ہی کرسکوں۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ میں اکثر اوقات اپنی داستان سنانے سناتے جب ایسے مقام پر پہنچتا ہوں جسکی یاد میرے ذہن میں موجود نہ تھی اور وہ خیالات کی رو میں خود بخود بہہ کر چلی آئی تھی تو میں غیر ارادی طور پر اس نئی یاد کی گہرائیوں میں گم ہو جاتا ہوں اور اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ میرے بیان کا تسلسل یک لخت منتشر ہو جاتا ہے اور جب میں ان گہرائیوں سے نکل کر داستان کے ٹوٹے ہوئے دھاگے کو جوڑنا چاہتا ہوں تو عجلت میں وہ ٹھیک طور سے نہیں جڑتا۔ کبھی کبھی میں یہ داستانیں رات کو سوتے وقت اپنے ذہن کی زبانی خود سنتا ہوں، لیکن اس دوران میں مجھے بہت تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔ میرے ذہن کی زبان بہت تیز ہے اور اس کو قابو میں رکھنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات چھوٹے چھوٹے واقعات اتنی تفصیل کے ساتھ خود بخود بیان ہونا شروع ہو جاتے ہیں کہ طبیعت اکتا جاتی ہے اور بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک واقعہ کی یاد کسی دوسرے واقعہ کی یاد تازہ کردیتی ہے اور اسکا احساس کسی دوسرے احساس کو اپنے ساتھ لے آتا ہے اور پھر احساسات و افکار کی بارش زوروں پر شروع ہو جاتی ہے۔ اور اتنا شور مچتا ہے کہ نیند حرام ہو جاتی ہے۔ جس روز صبح کو میری آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے نظر آئیں آپ سمجھ لیا کریں کہ ساری رات میں اپنے ذہن کی قصہ گوئی کا شکار بنا رہا ہوں۔ جب مجھے کسی بیتے ہوئے واقعے کو اس کی تمام شدتوں سمیت محفوظ کرنا ہوتا ہے تو میں قلم اُٹھاتا ہوں اور کسی گوشے میں بیٹھ کر کاغذ پر اپنی زندگی کے اس ٹکڑے کی تصویر کھینچ دیتا ہوں۔ یہ تصویر بھدی ہوتی ہے یا خوبصورت، اسکے متعلق میں کچھ نہیں کہہ سکتا اور مجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ ہمارے ادبی نقاد میری ان قلمی تصویروں کے متعلق کیا رائے مرتب کرتے ہیں۔ دراصل مجھے ان لوگوں سے کوئی واسطہ ہی نہیں۔ اگر میری تصویر کشی سقیم اور خام ہے تو ہوا کرے مجھے اس سے کیا اور اگر یہ ان کے مقرر کردہ معیار پر پورا اترتی ہے تو بھی مجھے اس سے کیا سروکار ہوسکتا ہے۔ میں یہ کہانیاں صرف اس لیے لکھتا ہوں کہ مجھے کچھ لکھنا ہوتا ہے۔ جس طرح عادی شراب خوردن ڈھلے شراب خانہ کا رخ کرتا ہے ٹھیک اسی طرح میری انگلیاں بے اختیار قلم کی طرف بڑھتی ہیں اور میں لکھنا شروع کردیتا ہُوں میرا روئے سخن یا تو اپنی طرف ہوتا یا ان چند افراد کی طرف جو میری تحریروں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ میں ادب سے دُور اور زندگی کے نزدیک تر ہُوں۔ زندگی۔ زندگی۔ آہ زندگی!!! میں زندگی زندگی پُکارتا ہُوں مگر مجھ میں زندگی کہاں؟۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ میں اپنی عمر کی پٹاری کھول کر اس کی ساری چیزیں باہر نکالتا ہوں اور جھاڑ پونچھ کر بڑے قرینے سے ایک قطار میں رکھتا ہوں اور اس آدمی کی طرح جس کے گھر میں بہت تھوڑا سامان ہو ان کی نمائش کرتا ہوں۔ بعض اوقات مجھے اپنا یہ فعل بہت بُرا معلوم ہوتا ہے۔ لیکن میں کیا کروں۔ مجبور ہوں۔ میرے پاس اگر زیادہ نہیں ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے۔ اگر مجھ میں سفلہ پن پیدا ہو گیا ہے تو اس کا ذمہ دار میں کیسے ہوسکتا ہوں۔ میرے پاس تھوڑا بہت جوکچھ بھی ہے غنیمت ہے۔ دنیا میں تو ایسے لوگ بھی ہوں گے جنکی زندگی چٹیل میدان کی طرح خشک ہے اور میری زندگی کے ریگستان پر تو ایک بار بارش ہو چکی ہے۔ گو میرا شباب ہمیشہ کے لیے رخصت ہو چکا ہے مگر میں ان دنوں کی یاد پر جی رہا ہوں جب میں جوان تھا۔ مجھے معلوم ہے کہ یہ سارا بھی کسی روز جواب دے جائے گا اور اس کے بعد جو کچھ ہو گا، میں بتا نہیں سکتا۔ لیکن اپنے موجودہ انتشار کو دیکھ کر مجھے ایسا محسوس ہوتا کہ میرا انجام چشم فلک کو بھی نمناک کردیگا۔ آہ خرابہ فکر کا انجام! وہ شخص جسے انجام کار اپنے وزنی افکار کے نیچے پس جانا ہے یہ سطور لکھ رہا ہے اور مزے کی بات یہ ہے کہ وہ ایسی اور بہت سی سطریں لکھنے کی تمنا اپنے دل میں رکھتا ہے۔ میں ہمیشہ مغموم و ملول رہا ہوں۔ لیکن شبیر جانتا ہے کہ بٹوت میں میری آہوں کی زردی اور تپش کے ساتھ ساتھ ایک خوش گوار مسرت کی سرخی اور ٹھنڈک بھی تھی۔ وہ آب و آتش کے اس باہمی ملاپ کو دیکھ کر متعجب ہوتا تھا اور غالباً یہی چیز تھی جس نے اس کی نگاہوں میں میرے وجود کو ایک معما بنا دیا تھا۔ کبھی کبھی مجھے وہ سمجھنے کی کوشش کرتا تھا اور اس کوشش میں وہ میرے قریب بھی آجاتا تھا۔ مگر دفعتاً کوئی ایسا حادثہ وقوع پذیر ہوتا جس کے باعث اسے پھر پرے ہٹنا پڑتا تھا اور اس طرح وہ نئی شدت سے مجھے پُراسرار اور کبھی پُرتصنع انسان سمجھنے لگتا۔ اکرام صاحب حیران تھے کہ بٹوت جیسی غیر آباد اور غیر دلچسپ دیہات میں پڑے رہنے سے میرا کیا مقصد ہے۔ وہ ایسا کیوں سوچتے تھے؟ اس کی وجہ میرے خیال میں صرف یہ ہے کہ ان کے پاس سوچنے کے لیے اور کچھ نہیں تھا۔ چنانچہ وہ اسی مسئلے پر غور و فکر کرتے رہتے تھے۔ وزیر کا گھر ان کے بنگلے کے سامنے بلند پہاڑی پر تھا اور جب انھوں نے اپنے نوکر کی زبانی یہ سنا کہ میں اس پہاڑی لڑکی کے ساتھ پہروں باتیں کرتا رہتا ہوں۔ تو انھوں نے یہ سمجھا کہ میری دکھتی ہوئی رگ ان کے ہاتھ آگئی ہے اور انھوں نے ایک ایسا راز معلوم کرلیا ہے جس کے افشا پر تمام دنیا کے دروازے مجھ پر بند ہو جائیں گے۔ لوگوں سے جب وہ اس

’’مسئلے‘‘

پر باتیں کرتے تھے تو یہ کہا کرتے تھے میں تعیش پسند ہُوں اور ایک بھولی بھالی لڑکی کو پھانس رہا ہوں اور ایک (دن) جب انھوں نے مجھ سے بات کی تو کہا۔

’’دیکھیے یہ پہاڑی لونڈیا بڑی خطرناک ہے۔ ایسا نہ ہو کہ آپ اس کے جال میں پھنس جائیں۔ ‘‘

میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ انھیں یا کسی اور کو میرے معاملات سے کیا دلچسپی ہو سکتی تھی۔ وزیر کا کریکٹر بہت خراب تھا اور میرا کریکٹر بھی کوئی خاص اچھا نہیں تھا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ لوگ کیوں میری فکر میں مبتلا تھے اور پھر جو انکے من میں تھا صاف صاف کیوں نہیں کہتے تھے۔ وزیر پر میرا کوئی حق نہیں تھا اور نہ وہ میرے دباؤ میں تھی۔ اکرام صاحب یا کوئی اور صاحب اگر اس سے دوستانہ پیدا کرنا چاہتے تو مجھے اس میں کیا اعتراض ہو سکتا تھا۔ دراصل ہماری تہذیب و معاشرت ہی کچھ اس قسم کی ہے کہ عام طور پر صاف گوئی کو معیوب خیال کیا جاتا ہے۔ کھل کر بات ہی نہیں کی جاتی اور کسی کے متعلق اگر اظہار خیال کیا بھی جاتا ہے تو غلاف چڑھا کر۔ میں نے صاف گوئی سے کام لیا اور اس پہاڑی لونڈیا سے جسے بڑا خطرناک کہا جاتا، اپنی دلچسپی کا اعتراف کیا۔ لیکن چونکہ یہ لوگ اپنے دل کی آواز کو دل ہی میں دبا دینے کے عادی تھے اس لیے میری سچی باتیں ان کو بالکل جھوٹی معلوم ہوئیں اور ان کا شک بدستور قائم رہا۔ میں انھیں کیسے یقین دلاتا کہ میں اگر وزیر سے دلچسپی لیتا ہوں تو اس کا باعث یہ ہے کہ میرا ماضی و حال تاریک ہے۔ مجھے اس سے محبت نہیں تھی اسی لیے میں اس سے زیادہ وابستہ تھا۔ وزیر سے میری دلچسپی اس محبت کا ریہرسل تھی جو میرے دل میں اس عورت کے لیے موجود ہے جو ابھی میری زندگی میں نہیں آئی۔ میری زندگی کی انگوٹھی میں وزیر ایک جھوٹا نگینہ تھی لیکن یہ نگینہ مجھے عزیز تھا اس لیے کہ اس کی تراش، اس کا ماپ بالکل اس اصلی نگینہ کے مطابق تھا جس کی تلاش میں مَیں ہمیشہ ناکام رہا ہوں۔ وزیر سے میری دل بستگی بے غرض نہیں تھی اس لیے میں غرض مند تھا۔ وہ شخص جو اپنے غم افزا ماحول کو کسی کے وجود سے رونق بخشنا چاہتا ہو۔ اس سے زیادہ خود غرض اور کون ہوسکتا ہے؟۔ اس لحاظ سے میں وزیر کا ممنون بھی تھا اور خدا گواہ ہے کہ میں جب کبھی اس کو یاد کرتا ہوں تو بے اختیار میرا دل اس کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ شہر میں مجھے صرف ایک کام تھا۔ اپنے ماضی، حال اور مستقبل کے گھپ اندھیرے کو آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھتے رہنا اور بس!۔ مگر بٹوت میں اس تاریکی کے اندر روشنی کی ایک شعاع تھی۔ وزیر کی لال ٹین! بھٹیارے کے یہاں رات کو کھانا کھانے کے بعد میں اور شبیر ٹہلتے ٹہلتے اکرام صاحب کے بنگلے کے پاس پہنچ جاتے۔ یہ بنگلہ ہوٹل سے قریباً تین جریب کے فاصلے پر تھا۔ رات کی خنک اور نیم مرطوب ہوا میں اس چہل قدمی کا بہت لطف آتا تھا۔ سڑک کے دائیں بائیں پہاڑوں اور ڈھلوانوں پر مکئی کے کھیت رات کے دھندلکے میں خاکستری رنگ کے بڑے بڑے قالین معلوم ہوتے تھے۔ اور جب ہوا کے جھونکے مئی کے پودوں میں لرزش پیدا کردیتے تو ایسا معلوم ہوتا کہ آسمان سے بہت سی پریاں ان قالینوں پر اتر آئی ہیں اور ہولے ہولے ناچ رہی ہیں۔ آدھا راستہ طے کرنے پر جب ہم سڑک کے بائیں ہاتھ ایک چھوٹے سے دو منزلہ چوبی مکان کے قریب پہنچتے تو شبیر اپنی مخصوص دُھن میں یہ شعر گاتا ہے ؂ ہر قدم فتنہ ہے قیامت ہے آسمان تیری چال کیا جانے یہ شعر گانے کی خاص وجہ یہ تھی۔ اس چوبی مکان کے رہنے والے اس غلط فہمی میں مبتلا تھے کہ میرے اور وزیر کے تعلقات اخلاقی نقطہ نگاہ سے ٹھیک نہیں، حالانکہ وہ اخلاق کے معانی سے بالکل ناآشنا تھے۔ یہ لوگ مجھ سے اور شبیر سے بہت دلچسپی لیتے تھے اور میری نقل و حرکت پر خاص طور پر نگرانی رکھتے تھے۔ وہ تفریح کی غرض سے بٹوت آئے ہوئے تھے اور انھیں تفریح کا کافی سامان مل گیا تھا۔ شبیر اوپر والا شعر گا کر ان کی تفریح میں مزید اضافہ کیا کرتا تھا۔ اس کو چھیڑ چھاڑ میں خاص لطف آتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کی رہائش گاہ کے عین سامنے پہنچ کر اس کو یہ شعر یاد آجاتا تھا اور وہ فوراً اسے بلند آواز میں گا دیا کرتا تھا۔ رفتہ رفتہ وہ اس کا عادی ہو گیا تھا۔ یہ شعر کسی خاص واقعے یا تاثر سے متعلق نہ تھا۔ میرا خیال ہے کہ اسے صرف یہی شعر یاد تھا، یا ہو سکتا ہے کہ وہ صرف اسی شعر کو گا سکتا تھا، ورنہ کوئی وجہ نہ تھی کہ وہ بار بار یہی شعر دہراتا۔ شروع شروع میں اندھیری راتوں میں سنسان سڑک پر ہماری چہل قدمی چوبی مکان کے چوبی ساکنوں پر( وہ غیر معمولی طور پر اجڈا اور گنوار واقع ہوئے تھے) کوئی اثر پیدا نہ کرسکی۔ مگر کچھ دنوں کے بعد ان کے بالائی کمرے میں روشنی نظر آنے لگی۔ اور وہ ہماری آمد کے منتظر رہنے لگے اور جب ایک روز ان میں سے ایک نے اندھیرے میں ہمارا رخ معلوم کرنے کے لیے بیٹری روشن کی میں نے شبیر سے کہا۔

’’آج ہمارا رومان مکمل ہو گیا ہے۔ ‘‘

مگر میں نے دل میں ان لوگوں کی قابلِ رحم حالت پر بہت افسوس کیا، کیونکہ وہ بیکار دو دو تین تین گھنٹے تک جاگتے رہتے تھے۔ حسبِ معمول ایک رات شبیر نے اس مکان کے پاس پہنچ کر شعر گایا اور ہم آگے بڑھ گئے۔ بیٹری کی روشنی حسب معمول چمکی اور ہم باتیں کرتے ہوئے اکرام صاحب کے بنگلے کے پاس پہنچ گئے۔ اس وقت رات کے دس بجے ہوں گے، ہُو کا عالم تھا، ہر طرف تاریکی ہی تاریکی تھی، آسمان ہم پر مرتبان کے ڈھکنے کی طرح جھکا ہوا تھا اور میں یہ محسوس کر رہا تھا کہ ہم کسی بند بوتل میں چل پھر رہے ہیں۔ سکوت اپنی آخری حد تک پہنچ کر متکلم ہو گیا تھا۔ بنگلے کے باہر برآمدے میں ایک چھوٹی سی میز پر لیمپ جل رہا تھا اور پاس ہی پلنگ پر اکرام صاحب لیٹے کسی کتاب کے مطالعہ میں مصروف تھے۔ شبیر نے دور سے ان کی طرف دیکھا اور دفعتاً سادھوؤں کا مخصوص نعرہ مستانہ الکھ نرنجن بلند کیا۔ اس غیر متوقع شور نے مجھے اور اکرام صاحب دونوں کو چونکا دیا۔ شبیر کھل کھلا کر ہنس پڑا۔ پھر ہم دونوں برآمدے میں داخل ہو کر اکرام صاحب کے پاس بیٹھ گئے۔ میرا منہ سڑک کی جانب تھا۔ عین اس وقت جب میں نے حقہ کی نَے منہ میں دبائی۔ مجھے سامنے سڑک کے اوپر تاریکی میں روشنی کی ایک جھلک دکھائی دی۔ پھر ایک متحرک سایہ نظر آیا اور اس کے بعد روشنی ایک جگہ ساکن ہو گئی۔ میں نے خیال کیا کہ شاید وزیر کا بھائی اپنے کتے کو ڈھونڈ رہا ہے۔ چنانچہ اُدھر دیکھنا چھوڑ کر میں شبیر اور اکرام صاحب کے ساتھ باتیں کرنے میں مشغول ہو گیا۔ دوسرے روز شبیر کے نعرہ بلند کرنے بعد پھر اخروٹ کے درخت کے عقب میں روشنی نمودار ہوئی اور سایہ حرکت کرتا ہوا نظر آیا۔ تیسرے روز بھی ایسا ہوا۔ چوتھے روز صبح کو میں اور شبیر چشمے پر غسل کو جا رہے تھے کہ اوپر سے ایک کنکر گرا، میں نے بیک وقت سڑک کے اوپر جھاڑیوں کی طرف دیکھا۔ وزیر سر پر پانی کا گھڑا اُٹھائے ہماری طرف دیکھ کر مسکرا رہی تھی۔ وہ اپنے مخصوص انداز میں ہنسی اور شبیر سے کہنے لگی۔

’’کیوں جناب، یہ آپ نے کیا وطیرہ اختیار کیا ہے کہ ہر روز ہماری نیند خراب کریں۔ ‘‘

شبیر حیرت زدہ ہو کر میری طرف دیکھنے لگا۔ میں وزیر کا مطلب سمجھ گیا تھا۔ شبیر نے اس سے کہا

’’آج آپ پہلیوں میں بات کر رہی ہیں۔ ‘‘

وزیر نے سر پر گھڑے کا توازن قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا۔

’’میں اتنی اتنی دیر تک لال ٹین جلا کر اخروف کے نیچے بیٹھی رہتی ہوں اور آپ سے اتنا بھی نہیں ہوتا کہ پھوٹے منہ سے شکریہ ہی ادا کر دیں۔ بھلا آپ کی جوتی کو کیا غرض پڑی ہے۔ یہ چوکیداری تو میرے ہی ذمے ہے۔ آپ ٹہلنے کو نکلیں اور اکرام صاحب کے بنگلے میں گھنٹوں باتیں کرتے رہیں اور میں سامنے لال ٹیشن لیے اونگھتی رہوں۔ ‘‘

شبیر نے مجھ سے مخاطب ہو کر کہا۔

’’یہ کیا کہہ رہی ہیں۔ بھئی میں تو کچھ نہ سمجھا، یہ کس دھن میں الاپ رہی ہیں؟‘‘

میں نے شبیر کو جواب نہ دیا اور وزیر سے کہا۔

’’ہم کئی دنوں سے رات گئے اکرام صاحب کے یہاں آتے ہیں۔ دو تین مرتبہ میں نے اخروٹ کے پیچھے تمہاری لال ٹیشن دیکھی، پر مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ تم خاص ہمارے لیے آتی ہو۔ اس کی کیا ضرورت ہے۔ تم ناحق اپنی نیند کیوں خراب کرتی ہو؟‘‘

وزیر نے شبیر کو مخاطب کر کے کہا۔

’’آپ کے دوست بڑے ہی ناشکرے ہیں ایک تو میں ان کی حفاظت کروں اور اوپر سے یہی مجھ پر اپنا احسان جتائیں۔ ان کو اپنی جان پیاری نہ ہو پر‘‘

۔ وہ کچھ کہتے کہتے رُک گئی اور بات کا رُخ یوں بدل دیا۔

’’آپ تو اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہاں ان کے بہت دشمن پیدا ہو گئے ہیں۔ پھر آپ انھیں کیوں نہیں سمجھاتے کہ رات کو باہر نہ نکلا کریں۔ ‘‘

وزیر کو واقعی میری بہت فکر تھی۔ بعض اوقات وہ مجھے بالکل بچہ سمجھ کر میری حفاظت کی تدبیریں سوچا کرتی تھی، جیسے وہ خود محفوظ و مامون ہے اور میں بہت سی بلاؤں میں گھرا ہوا ہوں۔ میں نے اسے کبھی نہ ٹوکا تھا اس لیے کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ اسے اس شغل سے باز رکھوں جس سے وہ لطف اٹھاتی ہے، اس کی اور میری حالت بعینہٖ ایک جیسی تھی۔ ہم دونوں ایک ہی منزل کی طرف جانے والے مسافر تھے جو ایک لق و دق صحرا میں ایک دوسرے سے مل گئے تھے۔ اسے میری ضرورت تھی اور مجھے اس کی۔ تاکہ ہمارا سفر اچھی طرح کٹ سکے۔ میرا اور اس کا صرف یہ رشتہ تھا جو کسی کی سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ ہم ہر شب مقررہ وقت پر ٹہلنے کو نکلتے۔ شبیر چوبی مکان کے پاس پہنچ کر شعر گاتا، پھر اکرام صاحب کے بنگلے سے کچھ دور کھڑے ہو کر نعرہ بلند کرتا، وزیر لال ٹین روشن کرتی اور اس کی روشنی کو ہوا میں لہرا کر ایک جھاڑی کے پیچھے بیٹھ جاتی۔ شبیر اور اکرام صاحب باتیں کرنے میں مشغول ہو جاتے۔ اور میں لال ٹین کی روشنی میں اس روشنی کے ذرے ڈھونڈھتا رہتا جس سے میری زندگی منور ہو سکتی تھی۔ وزیر جھاڑیوں کے پیچھے بیٹھی نہ جانے کیا سوچتی رہتی؟

سعادت حسن منٹو

لائسنس

ابوکوچوان بڑا چھیل چھبیلا تھا۔ اس کا تانگہ گھوڑا بھی شہر میں نمبر ون تھا۔ کبھی معمولی سواری نہیں بٹھاتاتھا۔ اس کے لگے بندھے گاہک تھے جن سے اس کو روزانہ دس پندرہ روپے وصول ہو جاتے تھے جو ابو کے لیے کافی تھے۔ دوسرے کوچوانوں کی طرح نشہ پانی کی اسے عادت نہیں تھی۔ لیکن صاف ستھرے کپڑے پہننے اور ہر وقت بانکا بنے رہنے کا اسے بے حد شوق تھا۔ جب اس کا تانگہ کسی سڑک پر سے گھنگھرو بجاتا گزرتا تو لوگوں کی آنکھیں خود بخود اس کی طرف جاتیں۔

’’وہ بانکا ابو جارہا ہے۔ دیکھو تو کس ٹھاٹ سے بیٹھا ہے۔ ذرا پگڑی دیکھو کیسی ترچھی بندھی ہے۔ ‘‘

ابو لوگوں کی نگاہوں سے یہ باتیں سنتا تو اس کی گردن میں ایک بڑا بانکا خم پیدا ہو جاتا اور اس کے گھوڑے کی چال اور زیادہ پرکشش ہو جاتی۔ ابو کے ہاتھوں نے گھوڑے کی باگیں کچھ اس انداز سے پکڑی ہوتی تھیں جیسے ان کو اسے پکڑنے کی ضرورت نہیں۔ ایسا لگتا تھا کہ گھوڑا اشاروں کے بغیر چلا جارہا ہے۔ اس کو اپنے مالک کے حکم کی ضرورت نہیں۔ بعض وقت تو ایسا محسوس ہوتا کہ ابو اور اس کا گھوڑا چنی دونوں ایک ہیں، بلکہ سارا ٹانگہ ایک ہستی ہے اور وہ ہستی ابو کے سوا اور کون ہو سکتی تھی۔ وہ سواریاں جن کو ابو قبول نہیں کرتا تھا دل ہی دل میں اس کو گالیاں دیتی تھیں۔ بعض بددعا بھی دیتی تھیں

’’خدا کرے اس کا گھمنڈ ٹوٹے۔ اس کا ٹانگہ گھوڑا کسی دریا میں جاگرے۔ ‘‘

ابو کے ہونٹوں پر جو ہلکی ہلکی مونچھوں کی چھاؤں میں رہتے تھے خود اعتماد سی مسکراہٹ ناچتی رہتی تھی۔ اس کو دیکھ کر کئی کوچوان جل بھن جاتے تھے۔ ابو کی دیکھا دیکھی چند کوچوانوں نے اِدھر اُدھر سے قرض لے کر تانگے بنوائے۔ ان کو پیتل کے سازو سامان سے سجایا مگر پھر بھی ابو کی سی شان پیدا نہ ہوسکی۔ ان کو وہ گاہک نصیب نہ ہوسکے جو ابو کے اور اس کے ٹانگے گھوڑے کے شیدا تھے۔ ایک دن دوپہر کو ابو درخت کی چھاؤں میں ٹانگے پر بیٹھا اونگھ رہا تھا کہ ایک آواز اس کے کانوں میں بھنبھنائی۔ ابو نے آنکھیں کھول کر دیکھا۔ ایک عورت ٹانگے کے بمب کے پاس کھڑی تھی۔ ابو نے اسے بمشکل ایک نظر دیکھا مگر اس کی تیکھی جوانی ایک دم اس کے دل میں کھب گئی۔ وہ عورت نہیں جوان لڑکی تھی۔ سولہ سترہ برس کی۔ دبلی پتلی لیکن مضبوط۔ رنگ سانولا مگر چمکیلا۔ کانوں میں چاندی کی چھوٹی چھوٹی بالیاں۔ سیدھی مانگ ستواں ناک۔ اس کی پُھننگ پر ایک چھوٹا سا چمکیلا تل۔ لمبا کرتا اور نیلا لاچا۔ سر پر چدریا۔ لڑکی نے کنواری آواز میں ابو سے پوچھا۔

’’ویرا، ٹیشن کا کیا لو گے؟‘‘

ابو کے ہونٹوں کی مسکراہٹ شرارت اختیار کر گئی۔

’’کچھ نہیں۔ ‘‘

لڑکی کے چہرے کی سنولاہٹ سرخی مائل ہو گئی۔

’’کیا لو گے ٹیشن کا۔ ‘‘

ابو نے اس کو اپنی نظروں میں سموتے ہوئے کہا۔

’’تجھ سے کیا لینا ہے بھاگ بھریے۔ چل آ بیٹھ ٹانگے میں۔ ‘‘

لڑکی نے گھبراتے ہوئے ہاتھوں سے اپنے مضبوط سینے کو ڈھانکا حالانکہ وہ ڈھکا ہوا تھا۔

’’کیسی باتیں کرتے ہو تم۔ ‘‘

ابو مسکرایا۔

’’چل آ، اب بیٹھ بھی جا۔ لے لیں گے جو تو دے دیگی۔ ‘‘

لڑکی نے کچھ دیر سوچا، پھر پائیدان پر پاؤں رکھ کر ٹانگے میں بیٹھ گئی

’’جلدی لے چل ٹیشن۔ ‘‘

ابو نے پیچھے مڑ کر دیکھا۔

’’بڑی جلدی ہے تجھے سوہنیے۔ ‘‘

ہائے ہائے، تو تو۔ لڑکی کچھ اور کہتے کہتے رک گئی۔ ٹانگہ چل پڑا۔ اور چلتا رہا۔ کئی سڑکیں گھوڑے کے سموں کے نیچے سے نکل گئیں۔ لڑکی سہمی بیٹھی تھی۔ ابو کے ہونٹوں پر شرارت بھری مسکراہٹ ناچ رہی تھی۔ جب بہت دیر ہو گئی تو لڑکی نے ڈری ہوئی آواز میں پوچھا۔

’’ٹیشن نہیں آیا ابھی تک؟‘‘

ابو نے معنی خیز انداز میں جواب دیا۔

’’آجائے گا۔ تیرا میرا ٹیشن ایک ہی ہے۔ ‘‘

’’کیا مطلب؟‘‘

ابو نے پلٹ کر لڑکی کی طرف دیکھا اور کہا۔

’’الہڑے۔ کیا تو اتنا بھی نہیں سمجھتی۔ تیرا میرا ٹیشن ایک ہی ہے۔ اس وقت ایک ہو گیا تھا جب ابو نے تیری طرف دیکھا تھا۔ تیری جان کی قسم تیرا غلام جھوٹ نہیں بولتا۔ ‘‘

لڑکی نے سر پر پلو ٹھیک کیا۔ اس کی آنکھیں صاف بتا رہی تھیں کہ وہ ابو کا مطلب سمجھ چکی ہے۔ اس کے چہرے سے اس بات کا بھی پتہ چلتا تھا کہ اس نے ابو کی بات کا برا نہیں مانا۔ لیکن وہ اس کشمکش میں تھی کہ دونوں کا ٹیشن ایک ہو یا نہ ہو۔ ابو بانکا سجیلا تو ہے لیکن کیا وفادار بھی ہے۔ کیا وہ اپنا ٹیشن چھوڑ دے۔ جہاں اس کی گاڑی پتا نہیں کب کی جا چکی تھی۔ ابو کی آواز نے اس کو چونکا دیا۔

’’کیا سوچ رہی ہے بھاگ بھریئے۔ ‘‘

گھوڑا مست خرامی سے دمکی چل رہا تھا۔ ہوا خنک تھی۔ سڑک کے دورویہ اُگے ہوئے درخت بھاگ رہے تھے۔ ان کی ٹہنیاں جھوم رہی تھیں۔ گھنگھرؤں کی یک آہنگ جھنجھناہٹ کے سوا اور کوئی آواز نہیں تھی۔ ابو گردن موڑے لڑکی کے سانولے حسن کو دل ہی دل میں چوم رہا تھا۔ کچھ دیر کے بعد اس نے گھوڑے کی باگیں جنگلے کی سلاخ کے ساتھ باندھ دیں اور لپک کر پچھلی سیٹ پر لڑکی کے ساتھ بیٹھ گیا۔ وہ خاموش رہی۔ ابو نے اس کے دونوں ہاتھ پکڑ لیے

’’دے دے اپنی باگیں میرے ہاتھ میں۔ ‘‘

لڑکی نے صرف اتنا کہا۔

’’چھوڑ بھی دے‘‘

لیکن وہ فوراً ہی ابو کے بازوؤں میں تھی۔ اس کے بعد اس نے مزاحمت نہ کی۔ اس کا دل البتہ زور زور سے پھڑپھڑا رہا تھا جیسے خود کو چھڑا کر اڑ جانا چاہتا ہے۔ ابو ہولے ہولے پیار بھرے لہجے میں اسے کہنے لگا۔

’’یہ ٹانگہ گھوڑا مجھے اپنی جان سے زیادہ عزیز تھا، لیکن قسم گیارھویں والے پیر کی یہ بیچ دوں گا اور تیرے لیے سونے کے کڑے بنواؤں گا۔ آپ پھٹے پرانے کپڑے پہنوں گا، لیکن تجھے شزادی بنا کر رکھوں گا۔ قسم وحدہ لا شریک کی، زندگی میں یہ میرا پہلا پیار ہے۔ تم میری نہ بنیں تو میں تیرے سامنے گلا کاٹ لوں گا اپنا‘‘

پھر اس نے لڑکی کو اپنے سے علیحدہ کردیا

’’جانے کیا ہو گیا ہے مجھے۔ چلو تمہیں ٹیشن چھوڑ آؤں۔ ‘‘

لڑکی نے ہولے سے کہا۔

’’نہیں۔ اب تم مجھے ہاتھ لگا چکے ہو۔ ‘‘

ابو کی گردن جھک گئی۔

’’مجھے معاف کردو۔ مجھ سے غلطی ہوئی۔ ‘‘

’’نبھالو گے اس غلطی کو؟‘‘

لڑکی کے لہجے میں چیلنج تھا، جیسے کسی نے ابو سے کہا ہو۔

’’لے جاؤ گے اپنا ٹانگہ اس ٹانگے سے آگے نکال کے۔ ‘‘

اس کا جھکا ہوا سر اٹھا۔ آنکھیں چمک اٹھیں۔

’’بھاء بھریے۔ ‘‘

یہ کہہ اس نے اپنے مضبوط سینے پر ہاتھ رکھا۔

’’ابو اپنی جان دے دے گا۔ ‘‘

لڑکی نے اپنا ہاتھ بڑھایا۔

’’تو یہ ہے میرا ہاتھ۔ ‘‘

ابو نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑ لیا۔

’’قسم اپنی جوانی کی۔ ابو تیرا غلام ہے۔ ‘‘

دوسرے روز ابو اور اس لڑکی کا نکاح ہو گیا۔ وہ ضلع گجرات کی موچن تھی نام اس کا عنایت یعنی نیتی تھا۔ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ آئی تھی۔ وہ اسٹیشن پر اس کا انتظار کررہے تھے کہ ابو اور اس کی مڈبھیڑ ہو گئی جو فوراً ہی محبت کی ساری منزلیں طے کرگئی۔ دونوں بہت خوش تھے۔ ابو نے ٹانگہ گھوڑا بیچ کر تو نیتی کے لیے سونے کے کڑے نہیں بنوائے تھے لیکن اپنے جمع کیے پیسوں سے اس کو سونے کی بالیاں خرید دی تھیں۔ کئی ریشمی کپڑے بھی بنوا دیے تھے۔ لس لس کرتے ہوئے ریشمی لاچے میں جب نیتی، ابو کے سامنے آتی تو اس کا دل ناچنے لگتا۔

’’قسم پنچ تن پاک کی، دنیا میں تجھ جیسا سندر اور کوئی نہیں۔ ‘‘

اور یہ کہہ وہ اس کو اپنے سینے کے ساتھ لگا لیتا۔

’’تو میرے دل کی رانی ہے۔ ‘‘

دونوں جوانی کی مستیوں میں غرق تھے۔ گاتے تھے، ہنستے تھے، سیریں کرتے تھے، ایک دوسرے کی بلائیں لیتے تھے۔ ایک مہینہ اسی طرح گزر گیا کہ دفعتاً ایک روز پولیس نے ابو کو گرفتار کرلیا۔ نیتی بھی پکڑی گئی۔ ابو پر اغواء کا مقدمہ چلا۔ نیتی ثابت قدم رہی لیکن پھر بھی ابو کو دو برس کی سزا ہو گئی۔ جب عدالت نے حکم سنایا تو نیتی ابو کے ساتھ لپٹ گئی۔ روتے ہوئے اس نے صرف اتنا کہا۔

’’میں اپنے ماں باپ کے پاس کبھی نہیں جاؤں گی۔ گھر بیٹھ کر تیرا انتظار کروں گی۔ ‘‘

ابو نے اس کی پیٹھ پر تھپکی دی

’’جیتی رہ۔ ٹانگہ گھوڑا میں نے دینے کے سپرد کیا ہوا ہے۔ اس سے کرایہ وصول کرتی رہنا۔ ‘‘

نیتی کے ماں باپ نے بہت زور لگایا مگر وہ ان کے ساتھ نہ گئی۔ تھک ہار کر انھوں نے اس کو اپنے حال پر چھوڑ دیا۔ نیتی اکیلی رہنے لگی۔ دینا اسے شام کو پانچ روپے دے جاتا تھا جو اس کے خرچ کے لیے کافی تھے۔ اس کے علاوہ مقدمے کے دوران میں روزانہ پانچ روپے کے حساب سے جو کچھ جمع ہوا تھا وہ بھی اس کے پاس تھا۔ ہفتے میں ایک بار نیتی اور ابو کی ملاقات جیت میں ہوتی تھی جو کہ ان دونوں کے لیے بہت ہی مختصر تھی۔ نیتی کے پاس جتنی جمع پونجی تھی وہ ابو کو آسائشیں پہنچانے میں صرف ہو گئی۔ ایک ملاقات میں ابو نے نیتی کے بچے کانوں کی طرف دیکھا اور پوچھا

’’بالیاں کہاں گئی نیتی؟‘‘

نیتی مسکرا دی اور سنتری کی طرف دیکھ کر ابو سے کہا

’’گم ہو گئیں کہیں۔ ‘‘

ابو نے قدرے غصے ہوکرکہا۔

’’تم میرا اتنا خیال رکھا نہ کرو۔ جیسا بھی ہوں ٹھیک ہوں۔ ‘‘

نیتی نے کچھ نہ کہا۔ وقت پورا ہو چکا تھا۔ مسکراتی ہوئی وہاں سے چل دی۔ مگر گھر جا کر بہت روئی۔ گھنٹوں آنسو بہائے۔ کیونکہ ابو کی صحت بہت گر رہی تھی۔ اس ملاقات میں تو وہ اسے پہچان نہیں سکی تھی۔ گرانڈیل ابو اب گھل گھل کر آدھا ہو گیا تھا۔ نیتی سوچتی تھی کہ اس کو اس کا غم کھا رہا ہے۔ اس کی جدائی نے ابو کی یہ حالت کر دی ہے۔ لیکن اس کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ دق کا مریض ہے اور یہ مرض اسے ورثے میں ملا ہے۔ ابو کا باپ ابو سے کہیں زیادہ گرانڈیل تھا۔ لیکن دق نے اسے چند دنوں ہی میں قبر کے اندر پہنچا دیا۔ ابو کا بڑا بھائی کڑیل جوان تھا مگر عین جوانی میں اس مرض نے اسے دبوچ لیا تھا۔ خود ابو اس حقیقت سے غافل تھا چنانچہ جیل کے ہسپتال میں جب وہ آخری سانس لے رہا تھا، اس نے افسوس بھرے لہجے میں نیتی سے کہا۔

’’مجھے معلوم ہوتا کہ میں اتنی جلدی مر جاؤں گا تو قسم وحدہ لاشریک کی تجھے کبھی اپنی بیوی نہ بناتا۔ میں نے تیرے ساتھ بہت ظلم کیا۔ مجھے معاف کردے۔ اور دیکھ میری ایک نشانی ہے، میرا ٹانگہ گھوڑا۔ اس کا خیال رکھنا۔ اور چنی بیٹے کے سر پر ہاتھ پھیر کر کہنا۔ ابو نے تجھے پیار بھیجا ہے۔ ‘‘

ابو مر گیا۔ نیتی کا سب کچھ مگر گیا۔ مگر وہ حوصلے والی عورت تھی۔ اس صدمے کو اس نے برداشت کر ہی لیا۔ گھر میں تن تنہا پڑی رہتی تھی۔ شام کو دینا آتا تھا اور اسے دم دلاسا دیتا تھا اور کہتا تھا۔

’’کچھ فکر نہ کرو بھابھی۔ اللہ میاں کے آگے کسی کی پیش نہیں چلتی۔ ابو میرا بھائی تھی۔ مجھ سے جو ہو سکتا ہے خدا کے حکم سے کروں گا۔ ‘‘

شروع شروع میں تو نیتی نہ سمجھی پر جب اس کے عدت کے دن پورے ہوئے تو دینے نے صاف لفظوں میں کہا کہ وہ اس سے شادی کرلے۔ یہ سن کر نیتی کے جی میں آئی کہ وہ اس کو دھکا دے کر باہر نکال دے مگر اس نے صرف اتنا کہا۔

’’بھائی مجھے شادی نہیں کرنی۔ ‘‘

اس دن سے دینے کے رویے میں فرق آگیا۔ پہلے شام کو بلاناغہ پانچ روپے ادا کرتا تھا۔ اب کبھی چار دینے لگا۔ کبھی تین۔ بہانہ یہ کہ بہت مندا ہے۔ پھر دو دو تین تین دن غائب رہنے لگا۔ بہانہ یہ کہ بیمار تھا یا ٹانگے کا کوئی کل پرزہ خوب ہو گیا تھا۔ اس لیے جو نہ سکا۔ جب پانی سر سے نکل گیا تو نیتی نے دینے سے کہا۔

’’بھائی دینے اب تم تکلیف نہ کرو۔ ٹانگہ گھوڑا میرے حوالے کردو۔ ‘‘

بڑی لیت و لعل کے بعد بالآخر دینے نے بادلِ ناخواستہ ٹانگا گھوڑا نیتی کی تحویل میں دے دیا۔ اس نے ماجھے کے سپرد کردیا جو ابو کا دوست تھا۔ اس نے بھی کچھ دنوں کے بعد شادی کی درخواست کی۔ نیتی نے انکار کیا تو اس کی آنکھیں بدل گئیں۔ ہمدردی وغیرہ سب ہوا ہو گئی۔ نیتی نے اس سے ٹانگا گھوڑا واپس لیا اور ایک انجانے کوچوان کے حوالے کردیا۔ اس نے تو حد ہی کردی۔ ایک شام پیسے دینے آیا تو شراب میں دھت تھا۔ ڈیوڑھی میں قدم رکھتے ہی نیتی پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی۔ نیتی نے اس کو خوب سنائیں۔ اور کام سے ہٹا دیا۔ آٹھ دس روز ٹانگا گھوڑا بیکار طویلے میں پڑا رہا۔ گھاس دانے کا خرچ علیحدہ۔ طویلے کا کرایہ علیحدہ۔ نیتی عجیب الجھن میں گرفتارتھی۔ کوئی شادی کی درخواست کرتا تھا، کوئی اس کی عصمت پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کرتا تھا۔ کوئی پیسے مار لیتا تھا۔ باہر نکلتی تو لوگ بری نگاہوں سے گھورتے تھے۔ ایک رات اس کا ہمسایہ دیوار پھاند کے آگیا اور دراز دستی کرنے لگا۔ نیتی سوچ سوچ کر پاگل ہو گئی کہ کیا کرے۔ ایک دن بیٹھے بیٹھے اسے خیال آیا۔

’’کیوں نہ ٹانگا میں آپ ہی جوتوں۔ آپ ہی چلاؤں‘‘

۔ ابو کے ساتھ جب وہ سیر کو جایا کرتی تھی تو ٹانگا خود ہی چلایا کرتی تھی۔ شہر کے راستوں سے بھی واقف تھی۔ لیکن پھر اس نے سوچا

’’لوگ کیا کہیں گے؟‘‘

۔ اس کے جواب میں اس کے دماغ نے کئی دلیلیں دیں۔

’’کیا حرج ہے۔ کیا عورتیں محنت مزدوری نہیں کرتیں۔ یہ کوئلے والیاں۔ یہ دفتروں میں جانے والی عورتیں۔ گھر میں بیٹھ کر کام کرنے والیاں توہزاروں ہوں گی۔ پیٹ کسی حیلے سے پالنا ہی ہے۔ ‘‘

نیتی نے کچھ دن سوچ بچار کیا۔ آخر میں فیصلہ کرلیا کہ وہ ٹانگہ خود چلائیگی۔ اس کو خود پر پورا اعتماد تھا، چنانچہ اللہ کا نام لے کروہ طویلے پہنچ گئی۔ ٹانگا جوتنے لگی تو سارے کوچوان ہکا بکا رہ گئے۔ بعض مذاق سمجھ کر خوب ہنسے۔ جو بزرگ تھے انھوں نے نیتی کو سمجھایا کہ دیکھو ایسا نہ کرو۔ یہ مناسب نہیں مگر نیتی نہ مانی۔ ٹانگا ٹھیک ٹھاک کیا۔ پیتل کا سازو سامان اچھی طرح چمکایا۔ گھوڑے کو خوب پیار کیا اور ابو سے دل ہی دل میں پیار کی باتیں کرتی طویلے سے باہر نکل گئی۔ کوچوان حیرت زدہ تھے، کیونکہ نیتی کے ہاتھ رواں تھے جیسے وہ ٹانگہ چلانے کے فن پر حاوی ہے۔ شہر میں ایک تہلکہ برپا ہو گیا کہ ایک خوبصورت عورت ٹانگہ چلا رہی ہے۔ ہر جگہ اسی بات کا چرچا تھا۔ لوگ سنتے تھے تو اس وقت کا اتنظار کرتے تھے جب وہ ان کی سڑک پر سے گزرے گا۔ شروع شروع میں تو مرد سواریاں جھجکتی تھیں مگر یہ جھجک تھوڑی دیر میں دور ہو گئی اور خوب آمدن ہونے لگی۔ ایک منٹ کے لیے بھی نیتی کا ٹانگہ بیکار نہ رہتا تھا۔ ادھر سوار اتری ادھر بیٹھی۔ آپس میں کبھی کبھی سواریوں کی لڑائی بھی ہو جاتی تھی۔ اس بات پر نیتی کو پہلے کس نے بلایا تھا۔ جب کام زیادہ ہو گیا تو نیتی نے ٹانگہ جوتنے کے اوقات مقرر کردیے صبح سات بجے سے بارہ بجے، دوپہر دو سے چھ بجے تک۔ یہ سلسلہ بڑا آرام دہ ثابت ہوا۔ چنی بھی خوش تھا مگر نیتی محسوس کررہی تھی کہ اکثر لوگ صرف اس کی قربت حاصل کرنے کیلیے اس کے ٹانگے میں بیٹھتے۔ بے مطلب بے مقصد اسے اِدھر اُدھر پھراتے تھے۔ آپس میں گندے گندے مذاق بھی کرتے تھے۔ صرف اس کو سنانے کیلیے باتیں کرتے تھے۔ اس کو ایسا لگاتھا کہ وہ تو خود کو نہیں بیچتی۔ لیکن لوگ چپکے چپکے اسے خرید رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کو اس بات کا بھی احساس تھا کہ شہر کے سارے کوچوان اس کو بُرا سمجھتے ہیں۔ ان تمام احساسات کے باوجود مضطرب نہیں تھی۔ اپنی خود اعتمادی کے باعث وہ پرسکون تھی۔ ایک دن کمیٹی والوں نے نیتی کو بلایا اور اس کا لائسنس ضبط کرلیا۔ وجہ یہ بتائی کہ عورت ٹانگہ نہیں چلا سکتی۔ نیتی نے پوچھا۔

’’جناب، عورت ٹانگہ کیوں نہیں چلا سکتی۔ ‘‘

جواب ملا۔

’’بس، نہیں چلا سکتی۔ تمہارا لائسنس ضبط ہے۔ ‘‘

نیتی نے کہا۔

’’حضور، آپ گھوڑا ٹانگہ بھی ضبط کرلیں، پر مجھے یہ تو بتائیں کہ عورت کیوں ٹانگہ نہیں جوت سکتی، عورتیں چرخہ چلا کر اپنا پیٹ پال سکتی ہیں۔ عورتیں ٹوکری ڈھو کر روزی کما سکتی ہیں۔ عورتیں لینوں پر کوئلے چن چن کر اپنی روٹی پیدا کرسکتی ہیں۔ میں ٹانگہ کیوں نہیں چلا سکتی۔ مجھے اور کچھ آتا ہی نہیں۔ ٹانگہ گھوڑا میرے خاوند کا ہے۔ میں اسے کیوں نہیں چلا سکتی۔ میں اپنا گزارہ کیسے کروں؟۔ حضور آپ رحم کریں۔ محنت مزدوری سے کیوں روکتے ہیں مجھے؟۔ میں کیا کروں، بتائے نا مجھے‘‘

افسر نے جواب دیا۔

’’جاؤ بازار میں جا کر بیٹھو۔ وہاں زیادہ کمائی ہے۔ ‘‘

یہ سن کر نیتی کے اندر جو اصل نیتی تھی جل کر راکھ ہو گئی۔ ہولے سے

’’اچھا جی‘‘

کہہ کر وہ چلی گئی۔ اونے پونے داموں ٹانگہ گھوڑا بیچا اور سیدھی ابو کی قبر پر گئی۔ ایک لحظے کے لیے خاموش کھڑی رہی۔ اس کی آنکھیں بالکل خشک تھیں، جیسے بارش کے بعد چلچلاتی دھوپ نے زمین کی ساری نمی چوس لی تھی۔ اس کے بھنچے ہوئے ہونٹ وا ہوئے اور وہ قبر سے مخاطب ہوئی۔

’’ابو۔ تیری نیتی آج کمیٹی کے دفتر میں مرگئی۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ چلی گئی۔ دوسرے دن عرضی دی۔ اس کو اپنا جسم بیچنے کا لائسنس مل گیا۔

سعادت حسن منٹو

گھوگا

میں جب ہسپتال میں داخل ہوا تو چھٹے روز میری حالت بہت غیر ہو گئی۔ کئی روز تک بے ہوش رہا۔ ڈاکٹر جواب دے چکے تھے لیکن خدا نے اپنا کرم کیا اور میری طبیعت سنبھلنے لگی۔ اس دوران کی مجھے اکثر باتیں یاد نہیں۔ دن میں کئی آدمی ملنے کے لیے آتے۔ لیکن مجھے قطعاً معلوم نہیں، کون آتا تھا، کون جاتا تھا، میرے بسترِ مرگ پر جیسا کہ مجھے اب معلوم ہوا، دوستوں اور عزیزوں کا جمگھٹا لگا رہتا، بعض روتے، بعض آہیں بھرتے، میری زندگی کے بیتے ہوئے واقعات دہراتے اور افسوس کا اظہار کرتے۔ جب میری طبیعت کسی قدر سنبھلی اور مجھے ذرا ہوش آیا تو میں نے آہستہ آہستہ اپنے گردوپیش کا مطالعہ کرنا شروع کیا۔ میں جنرل وارڈ میں تھا۔ دروازے کے اندر داخل ہوتے ہی دائیں ہاتھ کا پہلا بیڈ میرا تھا۔ دیوار کے ساتھ لوہے کی الماری تھی۔ جس میں خاص خاص دوائیں اور آلاتِ جراحی تھے، دیگر سامان بھی تھا۔ مثلاً گرم پانی اور برف کی ربڑ کی تھیلیاں، تھرما میٹر، بستر کی چادریں، کمبل اور رُوئی وغیرہ۔ اس کے علاوہ اور بے شمار چیزیں تھیں، جن کا مصرف میری سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ کئی نرسیں تھیں، صبح سات بجے سے دو بجے دوپہر تک۔ دو بجے سے شام کے سات بجے تک، چار چار نرسوں کی ٹولی، اس وارڈ میں کام کرتی۔ رات کو صرف ایک نرس ڈیوٹی پر ہوتی تھی۔ رات کو مجھے نیند نہیں آتی تھی۔ یوں تو اکثر آنکھیں بند کیے لیٹا رہتا۔ لیکن کبھی کبھی نیم مُندی آنکھوں سے اِدھر اُدھر دیکھ لیتا کہ کیا ہورہا ہے۔ ان دنوں جو نرس رات کی ڈیوٹی پر ہوتی تھی، وہ اس قدر مختصر تھی کہ اسے کوئی بھی اپنے بٹوے میں ڈال سکتا تھا۔ گہرا سانولا رنگ، ہر عضو ایک خلاصہ، ہر خدوخال تمہید کی فوری تمت، انتہا درجے کی غیر نسوانی لڑکی تھی، معلوم نہیں، قدرت نے اس کے ساتھ اس قسم کا غیر شاعرانہ سلوک کیوں کیا تھا کہ وہ شعر تھی نہ رباعی، نہ قطعہ۔ البتہ استاد امام دین کی تُک بندی معلوم ہوتی تھی۔ ہر نرس کا کوئی نہ کوئی چاہنے والا موجود تھا، مگر اس غریب کا کوئی بھی نہیں تھا۔ میں نرسنگ کے پیشے کو باوجود اس کی موجودہ گراوٹوں کے احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں۔ اس لیے مجھے اس نرس سے جس کا نام مس جیکب تھا، بڑی ہمدردی تھی۔ اس سے کوئی مریض دلچسپی نہیں لیتا تھا۔ ایک شام کو جب وہ آئی اورمیرے بستر کے پاس سے گزری تو میں نے اپنی نحیف آواز میں اس سے کہا:

’’السلام علیکم مس جیکب۔ ‘‘

اُس نے میری آواز سن لی۔ فوراً رُک کر اس نے جواب دیا

’’سلاما الیکم۔ ‘‘

بس اس کے بعد میرا یہ دستور ہو گیا کہ جب وہ شام کو ڈیوٹی پر آتی تو وارڈ میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے اس کو میری السلام علیکم سُنائی دیتی۔ مجھے نیند آنا شروع ہو گئی تھی، لیکن صبح ساڑھے پانچ بجے جاگ جاتا۔

’’مِس جیکب رات بھر کی جاگی ہوئی، مریضوں کے ٹمپریچر لینے میں مصروف ہوتی۔ جب میرے بستر کے پاس آتی تو میں پھر اسے سلام کرتا۔ السلام علیکم کایہ سلسلہ بڑا دلچسپ ہو گیا، وہ اس لحاظ سے چڑ گئی کہ پہل میں کیوں کرتا ہوں۔ چنانچہ اس نے کئی مرتبہ کوشش کی کہ وہ مجھ سے مسابقت لے جائے، مگر اسے ناکامی ہوئی، لیکن ایک روز صبح سویرے جب کہ زیادہ دیر تک جاگنے کے باعث میری آنکھ لگ گئی تھی۔ جب وہ میرا ٹمپریچر لینے کے لیے آئی، تو اس نے اپنی مہین پتلی آواز کو زور داربنا کر کہا

’’سلاما الیکم۔ ‘‘

میں چونک پڑا۔ آنکھیں کھولیں تو دیکھا کہ مِس جیکب کا مختصر وجود میرے سامنے کھڑا مسکرا رہا ہے۔ میں نے بڑی فراخ دلی سے اپنی شکست تسلیم کی اور اس کے مطابق مناسب و موزوں مسکراہٹ اپنے ہونٹوں پر پیدا کرکے جواب دیا۔

’’وعلیکم السلام مس جیکب۔ آج تو آپ نے کمال کردیا۔ ‘‘

وہ بے حد خوش ہوئی، چنانچہ اس خوشی میں اس نے میرا دو مرتبہ ٹمپریچر لیا کہ پہلی دفعہ اس نے تھرما میٹر اچھی طرح جھٹکا نہیں تھا۔ ایک رات جبکہ مجھے بالکل نیند آرہی تھی اور میں بار بار اپنی گھڑی دیکھ رہا تھا کہ دن ہونے میں کتنی دیر ہے۔ بارہ بجے کے قریب میں نے اپنی دُھندلی آنکھوں سے دیکھا کہ وارڈ کے وسط میں جو میز پڑا ہے، اس کے ساتھ کرسی پر مس جیکب اپنے تمام اختصار کے ساتھ بیٹھی ہے۔ اور ایک مریض جو موٹا تھا، اس سے ہم کلام ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ چونکہ خاموشی تھی، اس لیے میں اس کی گفتگو سُن سکتا تھا، وہ نرس سے بڑے یتیمانہ قسم کے عشق کا اظہار کرنے کی سعی کررہا تھا۔ پہلے وہ کچھ دیر چپڑاسیوں کے مانند جن کا صاحب اپنی مسند پر موجود ہو، کھڑا رہا۔ پھر وہ اس سے مخاطب ہوا۔ :

’’نرس صاحبہ۔ کیا اس وقت آپ مجھے اسپرین کی گولی دے سکتی ہیں؟‘‘

مس جیکب غالباً رپورٹ لکھنے میں مصروف تھی۔ اس نے اس موٹے مریض کی طرف دیکھا۔ قلم میز پر رکھ کراُٹھی اور اس الماری میں سے جو میرے بستر کے قریب تھی، اسپرین کو ایک گولی نکال کر اس کے حوالے کردی۔ رات کے دو بج گئے۔ میں جاگ رہا تھا لیکن میری آنکھیں بند تھیں۔ آہٹ ہوئی تو میں نے کروٹ بدل کر دیکھا کہ وہی موٹا مریض الماری کھول کر اسپرین کی گولیاں نکال رہا ہے، بالکل اس طرح جیسے کوئی چوری کررہا ہے۔ میں نے کوئی مداخلت نہ کی۔ میں نے دوسرے دن نرس نعیمہ حق سے جو ہر صبح میرا بدن چھوٹے چھوٹے تولیوں سے کنکنے پانی میں صابن کہ ساتھ صاف کیا کرتی تھی، اور پرلے درجے کی شریر تھی، پوچھا کہ

’’انیس نمبر کے بیڈ کا مریض کون ہے؟‘‘

اس کا سانولا چہرہ سوال بن گیا۔

’’آپ اُس کے بارے میں کیوں پوچھ رہے ہیں؟‘‘

میں نے اس سے کہا:

’’تم جانتی ہو، میں افسانہ نگار ہوں، مجھے ہر شخص سے دلچسپی ہے، خواہ وہ مریض ہی کیوں نہ ہو؟‘‘

’’اس میں کیا بات ہے؟‘‘

’’جو تم میں ہے۔ تم شریر ہو، وہ چور ہے۔ ‘‘

’’نعیمہ حق کو میری یہ بات ناگوار معلوم ہوئی۔

’’شرارت اور چوری کو آپ ایک ہی بات سمجھتے ہیں۔ ‘‘

وہ میرے بالوں بھرے سینے پر تولیہ پھیر رہی تھی۔ میں نے اپنے کمزور ہاتھ سے اس کے گال پر ہولے سے چپت لگائی اور کہا:

’’میرا یہ مطلب نہیں تھا۔ تم میرے سوال کا جواب دو کہ انیس نمبر کے بیڈ کا جو مریض ہے اس کا کیا نام ہے؟‘‘

نعیمہ نے جواب دیا

’’گھوگا۔ ‘‘

’’یہ کیا نام ہے؟‘‘

’’بس ہے۔ ہم نے رکھ دیا ہے۔ ‘‘

میں اس سے کچھ اور پوچھنے ہی والا تھا کہ نعیمہ نے اُبالی ہوئی سرنج پکڑی اور اس میں ایک سی سی وٹامن بی کمپلیکس ڈال کر سُوئی میرے سوکھے ہوئے بازو میں کھبو دی، مجھے سخت درد ہوا، اس لیے میں گھوگا کو بھول گیا۔ مگر اتنے میں عذرا آگئی۔ یہ نرس نعیمہ سے چار سی سی آگے تھی۔ ان دونوں میں جو گفتگو ہوئی، اس سے مجھے معلوم ہوا کہ انیس نمبر کے بیڈ کے مریض کا نام ان دونوں نے مل کر تجویز کیا ہے۔ عذرا نے پہلے میری خیریت پوچھی، پھر کہا:

’’خیریت تو ہے آپ گھوگے کے متعلق پوچھ رہے تھے۔ ‘‘

میں نے درد کے باعث ذرا تلخ لہجے میں کہا:

’’گھوگا جائے جہنم میں۔ اور تم بھی اس کے ساتھ۔ ‘‘

عذرا مسکرائی۔

’’میں تو اس کے ساتھ جہنم کی آخری حد تک جانے کے لیے تیار ہوں۔ ‘‘

نعیمہ نے پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

عذرا نے جواب دیا۔

’’وہ مجھ سے محبت کرتا ہے، میں اس سے محبت کرتی ہوں۔ ‘‘

نعیمہ نے عذرا کے چٹکی لی، اور بڑے زور سے کہا:

’’وہ تو مجھ سے محبت کرتا ہے۔ چلو آؤ۔ ابھی فیصلہ کرلیں۔ گھوگا سے پوچھ لو، ابھی کل ہی مجھ سے کہہ رہا تھا کہ وہ اپنے دو مکان میرے نام لکھ دے گا۔ ‘‘

عذرا نے مکھی مار چھڑی نعیمہ کے سر پر ماری۔

’’وہ دو مکان کیا، دو اینٹیں بھی تمہارے نام نہیں لکھے گا۔ وہ گھوگا ہے۔ بہت بڑا گھوگا۔ تم اس کو ابھی تک نہیں پہچانی ہو۔ ‘‘

اس کے بعد مجھے چند روز میں اس موٹے مریض کے متعلق عجیب و غریب باتیں معلوم ہوئیں۔ جس کو نعیمہ اور عذرا نے گھوگے کا نام دے رکھا تھا۔ اس کا نام غلام محمد تھا۔ ماسٹر غلام محمد۔ بی اے، بی ٹی۔ کسی مڈل سکول کا ہیڈ ماسٹر، اس کو دمے کا مرض تھا، بڑی شدید قسم کا دمہ تھا۔ جب اسے دورہ پڑتا تو سارا وارڈ اس کے دھونکنی ایسے چلتے ہوئے سانسوں کے زیرو بم سے گھنٹوں گونجتا رہتا۔ لیکن اس حا لت میں بھی وہ نظر بازی سے نہ ٹلتا۔ اس کی عمر چالیس سے کچھ اوپر ہو گئی، مگر کنوارا تھا۔ میری اس سے ملاقات ہوئی تو اس نے مجھے بتایا کہ اس نے شادی اس لیے نہیں کی کہ وہ دمے کا مریض ہے۔ کسی لڑکی کی زندگی کیوں خراب کرئے۔ اس کی دو بہنیں تھیں جو عمر میں اس سے کچھ چھوٹی تھیں۔ یہ بھی کنواری تھیں۔ ان کے متعلق مجھے صرف اتناہی معلوم ہوا کہ بڑی ہیلتھ وزیٹر ہے اور چھوٹی استانی۔ یہ دونوں بلاناغہ آتیں اور گھوگے کے پاس اپنے برقعوں سمیت ایک آدھ گھنٹہ بیٹھ کر چلی جاتیں۔ وہ اس کے ناشتے اور دو وقت کے کھانے کے لیے پراٹھے اور سالن وغیرہ لایا کرتی تھیں۔ اس کو ایسے ٹیکے لگ رہے تھے جن سے اشتہا بڑھ جاتی ہے۔ لیکن اس بات کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے کہ مریض زیادہ نہ کھائے تاکہ اس کا وزن نہ بڑھے مگر گھوگا بلاخور تھا۔ گھر سے جو آتا چٹ کر جاتا۔ پھر اس کے ساتھ والے بیڈ پر ایک بنگالی نوجوان تھا جو عرصے سے ٹائی فائیڈ میں گرفتار تھا۔ اُس کو بھوک نہیں لگتی تھی۔ گھوگا اس کا کھانا بھی اپنے پیٹ میں ڈال لیتا۔ مگر نعیمہ نے مجھے بتایا کہ ہسپتال سے جو اُسے مفت کھانا ملتا ہے، اس کے علاوہ وہ اِدھر اُدھر سے اور اکٹھا کرتا ہے اور اپنی بہنوں کے حوالے کردیتا ہے۔ ایک رات جبکہ مجھے نیند آنے ہی والی تھی، میں نے دیکھا کہ گھوگا دبے پاؤں چلا آرہا ہے۔ رات کی نرس کسی دوسرے وارڈ کی نرس سے باتیں کرنے میں مشغول تھی۔ گھوگے نے الماری کھولی اور اس میں کئی چیزیں نکال کر اپنی جیب میں ڈال لیں۔ مجھے اس کی یہ حرکت بہت بُری معلوم ہوئی۔ لیکن میں اس سے کچھ نہ کہہ سکا اس لیے کہ مجھے کوئی فیصلہ کرنے میں دیر ہو گئی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ ہر روز الماری میں سے چیزیں چُراتا اور میں اسے ٹوک نہ سکتا۔ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ جب اسے دوائیں برابر ملتی ہیں تو وہ اور دوائیاں جو اس کے مرض دمے کا علاج نہیں تھیں، کیوں اس طریقے سے حاصل کرتا ہے؟ نعیمہ حق سے میں نے پوچھا تو اس نے مخصوص انداز میں گردن کو ایک خفیف سی جنبش دے کر اور اپنے سانولے ہونٹوں پر ان سے زیادہ گہرے رنگ کی مسکراہٹ پیدا کرکے کہا:

’’جناب اتنے بڑے رائٹر بنے پھرتے ہیں، آپ کو یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ جتنی دوائیاں اور انجکشن چُراتا ہے، اپنی بہن کو جو کہ ہیلتھ وزیٹر ہے، دے دیتا ہے۔ اس کو روزانہ بیڈ کے لیے ایک روپیہ دینا پڑتا ہے۔ بہت بڑا گھوگا ہے، اس لیے وہ اس خرچ کی کسر یوں پوری کرلیتا ہے۔ بلکہ اس کو کچھ پروفٹ ہی ہوتا ہے۔ ‘‘

نعیمہ کا یہ کہنا درست تھا۔ اس لیے کہ میری بیوی کے بیان سے اس کی تصدیق ہو گئی۔ اس کو گھوگے سے سخت نفرت تھی۔ ہسپتال سے جو کچھ ملتا تو وہ اپنی بہن کے سپرد کردیتا، کھانا بھی۔ ایک اور نرس رفیقہ تھی۔ وہ اس مریض کا نام بھی نہیں لینا چاہتی تھی۔ شکل صورت کی معمولی مگر جوان تھی۔ ہر وقت اپنے سفید فراک کو پیٹی کے نیچے کھینچتی اور پھر اپنے سینے کے اُبھاروں کو پسندیدہ نگاہوں سے دیکھتی مگر کردار کے لحاظ سے وہ دوسری نرسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ مضبوط تھی، اس کو گھوگے سے اس لیے نفرت تھی کہ وہ اس سے بے معنی باتیں کرتا تھا۔ دراصل وہ ہر نرس سے بے معنی یا با معنی باتیں کرنے کا عادی تھا۔ میں نے کئی بار دیکھا کہ پہلے اس نے کسی نرس سے رسمی بات چیت کی۔ اس کے بعد بستر پر سے اٹھ کر اس کے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔ کچھ اس بھونڈے طور پر کہ وہ غریب اکتا گئی، اور اس نے جو دوا مانگی، الماری میں سے نکال کر اس کو دے دی کہ چھٹکارا ملے۔ قریب قریب ہر نرس اس سے متنفّر تھی۔ مجھے خود وہ بہت ناپسند تھا، میرے بستر کی طرف رخ کرتا تو میں چادر اوڑھ لیتا کہ اس کو یہ معلوم ہو کہ میں سو رہا ہوں۔ اس کا بات چیت کا انداز مجھے کَھلتا تھا، یہی وجہ ہے کہ میں نے اسے کبھی برداشت نہ کیا۔ مجھ سے دو تین مرتبہ اس نے چند روپے بطور قرض لیے اور واپس نہ دیے۔ مجھے اس کا کوئی خیال نہ تھا۔ لیکن جب یہ معلوم ہوا کہ یہ پندرہ روپے اس نے مجھ سے اس لیے حاصل کیے تھے کہ اس کو دس ایک خاص دوا کے لیے خرچ کرنا پڑے تھے جو ہسپتال میں نہیں تو میری طبیعت بہت مکدّر ہوئی اور میں نے دل ہی دل میں اس کو سینکڑوں گالیاں دیں۔ پھر تمام ڈ اکٹروں پر اس کے ذلیل کردار کی وضاحت کردی۔ وہ پہلے میری بتائی ہوئی باتیں نہ مانے۔ انہوں نے کبھی ایسا مریض دیکھا تھا نہ سنا۔ مگر نرسوں سے پوچھ گچھ کے بعد ان کو حقیقت معلوم ہو گئی اور انہوں نے گھوگے کورخصت کردینے کا فیصلہ کرلیا۔ مجھے اس کا علم تھا۔ چنانچہ میں نے محض اپنا دل ٹھنڈا کرنے کی خاطر اس کو اپنے پاس بُلایا اور کہا:

’’سنا ہے آپ کل پرسوں جانے والے ہیں۔ ‘‘

گھوگے نے اپنے نیم گنجے سر پر ہاتھ پھیرا اور تعجب کا اظہار کیا

’’بڑے ڈاکٹر صاحب نے تو مجھ سے کہا تھا کہ چُھٹی لے لو۔ اور میں ایک مہینے کی لے چکا ہوں۔ ‘‘

میرا دل ڈوبنے سا لگا۔ ایک مہینہ اور۔ تیس دن مزید۔ چوریوں کے۔ نرسوں کے پیچھے چلنے اور ہاتھ مَل مَل کے دوائیں مانگنے کے۔ بڑے ڈاکٹر صاحب بہت نرم دل تھے۔ میں نے سوچا یقیناً گھوگے نے اپنے مخصوص، لسوڑے کی لیس ایسے انداز میں ان کی منت خوشامد کی ہو گی اور انہوں نے اپنا پیچھا چھڑانے کے لیے اس کو ایک ماہ اور ہسپتال میں رہنے کی اجازت دے دی ہو گی۔ مگر اُسی دن گھوگا انتہائی افسردگی کے عالم میں میرے پاس آیا اور کہنے لگا

’’میں کل جارہا ہوں‘‘

مجھے بڑی خوشی ہوئی:

’’مگر ماسٹر صاحب آپ نے تو ایک مہینے کی چھٹی لی ہے، ابھی ابھی۔ ‘‘

اُس نے آہ بھر کر جواب دیا :

’’ڈاکٹر صاحب نے کہا ہے کہ تمہارا کافی علاج ہو چکا ہے۔ اب تم گھرمیں آرام کرو۔ ‘‘

میں نے کہا :

’’یہ بہتر ہے‘‘

لیکن گھوگے کا چہرہ بتا رہا تھا کہ گھرمیں اسے چرانے کے لیے دوائیں نہیں ملیں گی۔ نرسیں بھی نہ ہوں گی، جھک مارے گا وہاں۔ میں صبح چار ساڑھے چار بجے کے قریب سویا۔ دس بجے آنکھ کُھلی۔ نعیمہ حق میرے پاس کھڑی تھی، دراصل اسی نے مجھے جگایا تھا۔ میں نے اس کی طرف دیکھا تو مجھے محسوس ہوا کہ وہ مجھے کوئی خبر سنانا چاہتی ہے۔ مجھے زیادہ دیر تک انتظار نہ کرنا پڑا۔ مکھی مار چھڑی سے میرے بستر پر چند غیر مری مکھیاں مارنے کے بعد اس نے مجھ سے کہا:

’’گھوگا گیا‘‘

میں نے کہا۔

’’ہاں سنا تھا کہ وہ جارہا ہے۔ ‘‘

نعیمہ کے سانولے ہونٹوں پر سکڑتی ہوئی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔

’’اور وہ بھی گئی۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کون‘‘

نعیمہ نے جواب دیا۔

’’وہ۔ مس جیکب۔ جس کے متعلق آپ کہا کرتے تھے کہ اتنی مختصر ہے کہ بٹوے میں سما سکتی ہے۔ لیکن گھوگے کے پاس تو کوئی بٹوہ نہیں تھا۔ ‘‘

مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ مس جیکب کو گھوگے میں کیا نظر آیا یا گھوگے کومس جیکب میں کیا خوبی دکھائی دی۔ لیکن تیسرے روز جیکب نائٹ ڈیوٹی پر تھی۔ جب وہ صبح میرے بستر کے قریب آئی تومیں نے زور سے اسلام علیکم کہا۔ اس نے چونک کر دھیمی آواز میں اس سلام کا جواب دیا اور میرا ٹمپریچر لیے بغیر چلی گئی۔ سات بجے جب دوسری نرسیں آئیں تو نعیمہ نے میرا بدن پونچھنے کے لیے گرم پانی تیار کرتے ہوئے اپنے سانولے ہونٹوں پر کنکنی مسکراہٹ پیدا کرتے ہوئے کہا۔

’’گھوگے کے پاس بٹوہ نہیں تھا، اس لیے آپ کی مس جیکب واپس تشریف لے آئی ہیں۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کیا ہوا؟‘‘

نعیمہ نے گرم گرم پانی میں تر کیا ہوا تولیہ میرے بازو پر رکھ دیا،

’’کچھ خاص تو نہیں ہوا۔ صرف مِس جیکب کے کانوں کی دو سونے کی بالیاں گم ہو گئی ہیں۔ شاید گھوگے کی بہن کے کان بُچے ہوں گے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

گولی

شفقت دوپہرکو دفتر سے آیا تو گھر میں مہمان آئے ہوئے تھے۔ عورتیں تھیں جو بڑے کمرے میں بیٹھی تھیں۔ شفقت کی بیوی عائشہ ان کی مہمان نوازی میں مصروف تھی۔ جب شفقت صحن میں داخل ہوا تو اس کی بیوی باہر نکلی اور کہنے لگی۔

’’عزیز صاحب کی بیوی اور ان کی لڑکیاں آئی ہیں۔ ‘‘

شفقت نے ہیٹ اتار کر ماتھے کا پسینہ پونچھا۔

’’کون عزیز صاحب۔ ‘‘

عائشہ نے آواز دبا کر جواب دیا۔

’’ہائے، آپ کے ابا جی کے دوست۔ ‘‘

’’اوہ۔ عزیز چچا۔ ‘‘

’’ہاں، ہاں وہی۔ ‘‘

شفقت نے ذرا حیرت سے کہا۔

’’مگر وہ تو افریقہ میں تھے۔ ‘‘

عائشہ نے منہ پر انگلی رکھی۔ ذرا آہستہ بات کیجیے۔ آپ تو چلانا شروع کردیتے ہیں۔ وہ افریقہ ہی میں تھے، لیکن جو افریقہ میں ہو کیا واپس نہیں آسکتا۔ ‘‘

لو، اب تم لگیں مین میخ کرنے۔

’’آپ تو لڑنے لگے، عائشہ نے ایک نظر اندر کمرے میں ڈالی۔ ‘‘

عزیز صاحب افریقہ میں ہیں، لیکن ان کی بیوی اپنی لڑکی کی شادی کرنے آئی ہیں۔ کوئی اچھابر ڈھونڈ رہی ہیں۔ ‘‘

اندر سے عزیز کی بیوی کی آواز آئی۔

’’عائشہ تم نے روک کیوں لیا شفقت کو۔ آنے دو۔ آؤ شفقت بیٹا، آؤ۔ تمہیں دیکھے اتنی مدت ہو گئی ہے۔ ‘‘

’’آیا چچی جان‘‘

شفقت نے ہیٹ اسٹینڈ کی کھونٹی پر رکھا اور اندرکمرے میں داخل ہوا۔

’’آداب عرض چچی جان۔ ‘‘

عزیز کی بیوی نے اٹھ کر اس کو دعائیں دیں، سر پر ہاتھ پھیرا اور بیٹھ گئی۔ شفقت بیٹھنے لگا تو اس نے دیکھا کہ سامنے صوفے پر دو گوری گوری لڑکیاں بیٹھی ہیں۔ ایک چھوٹی تھی، دوسری بڑی۔ دونوں کی شکل آپس میں ملتی تھی۔ عزیز صاحب بڑے وجیہہ آدمی تھے۔ ان کی یہ وجاہت ان لڑکیوں میں بڑے دلکش طور پر تقسیم ہوئی تھی۔ آنکھیں ماں کی تھیں۔ نیلی۔ بال بھورے اور کافی لمبے۔ دونوں کی دو چوٹیاں تھیں۔ چھوٹی کا چہرہ بڑی کے مقابلے میں زیادہ نکھرا ہوا تھا۔ بڑی کا چہرہ ضرورت سے زیادہ سنجیدہ تھا۔ ان کی ماں ان سے مخاطب ہوئی۔

’’بیٹا سلام کرو بھائی کو۔ ‘‘

چھوٹی نے اٹھ کر شفقت کو آداب عرض کیا۔ بڑی نے بیٹھے بیٹھے ذرا جھک کر کہا۔

’’تسلیمات۔ ‘‘

شفقت نے مناسب و موزوں جواب دیا۔ اس کے بعد عزیز صاحب اور افریقہ کے متعلق باتوں کا لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا۔ نیروبی، ٹانگانیکا، د ارالسلام، کراتینا، یوگنڈا، ان سب کی باتیں ہوئیں۔ کہاں کا موسم اچھا ہے، کہاں کا خراب ہے، پھل کہاں اچھے ہوتے ہیں۔ پھلوں کا ذکر چھیڑا تو چھوٹی نے کہا۔

’’یہاں ہندوستان میں تو نہایت ہی ذلیل پھل ملتے ہیں۔ ‘‘

’’جی نہیں، بڑے اچھے پھل ملتے ہیں، بشرطیکہ موسم ہو۔ ‘‘

شفقت نے اپنے ہندوستان کی آبرو بچانا چاہی۔

’’غلط ہے۔ ‘‘

چھوٹی نے ناک چڑھائی۔

’’امی جان، یہ جو کل آپ نے مارکٹ سے مالٹے لیے تھے، کیا وہاں کے مچنگوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ‘‘

لڑکیوں کی ماں بولی۔

’’شفقت بیٹا یہ صحیح کہتی ہے۔ یہاں کے مالٹے وہاں کے مچنگوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ ‘‘

عائشہ نے چھوٹی سے پوچھا۔

’’طلعت، یہ مچنگا کیا ہوتا ہے۔ نام تو بڑا عجیب و غریب ہے۔ ‘‘

طلعت مسکرائی۔

’’آپ ایک پھل ہے۔ مالٹے اور میٹھے کی طرح۔ اتنا لذیذ ہوتا ہے کہ میں بیان نہیں کرسکتی۔ اور رس۔ ایک نچوڑیئے۔ یہ گلاس جو تپائی پر پڑا ہے، لبالب بھر جائے۔ ‘‘

شفقت نے گلاس کی طرف دیکھا اوراندازہ لگانے کی کوشش کی کہ وہ پھل کتنا بڑا ہو گا۔

’’ایک مچنگے سے اتنا بڑا گلاس بھر جاتا ہے؟‘‘

طلعت نے بڑے فخریہ انداز میں جواب دیا۔

’’جی ہاں!‘‘

شفقت نے یہ سن کر کہا۔

’’تو پھل یقیناً بہت بڑا ہو گیا۔ ‘‘

طلعت نے سر ہلایا۔

’’جی نہیں۔ بڑا ہوتا ہے نہ چھوٹا۔ بس آپ کے یہاں کے بڑے مالٹے کے برابر ہوتا ہے۔ یہی تو اس کی خوبی ہے کہ رس ہی رس ہوتا ہے اس میں۔ اور امی جان وہاں کا انناس۔ بڑی روٹی کے برابر اس کی ایک قاش ہوتی ہے۔ ‘‘

دیر تک انناس کی باتیں ہوتی رہیں۔ طلعت بہت باتونی تھی۔ افریقہ سے اس کو عشق تھا۔ وہاں کی ہر چیز اس کو پسند تھی۔ بڑی جس کا نام نگہت تھا بالکل خاموش بیٹھی تھی۔ اس نے گفتگو میں حصہ نہ لیا۔ شفقت کو جب محسوس ہوا کہ وہ خاموش بیٹھی رہی ہے تو وہ اس سے مخاطب ہوا۔

’’آپ کو غالباً ان باتوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ‘‘

نگہت نے اپنے ہونٹ کھولے۔

’’جی نہیں۔ سنتی رہی ہوں بڑی دلچسپی سے۔ ‘‘

شفقت نے کہا۔

’’لیکن آپ بولیں نہیں۔ ‘‘

عزیز کی بیوی نے جواب دیا۔

’’شفقت بیٹا اس کی طبیعت ہی ایسی ہے۔ ‘‘

شفقت نے ذرا بے تکلفی سے کہا۔

’’چچی جان۔ اس عمر میں لڑکیوں کو خاموشی پسند نہیں ہونا چاہیے۔ یہ بھی کوئی بات ہے کہ منہ میں گھنگھنیاں ڈالے بیٹھے رہو۔

’’پھر وہ نگہت سے مخاطب ہوا۔ جناب آپ کو بولنا پڑے گا۔ ‘‘

نگہت کے ہونٹوں پر ایک شرمیلی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔

’’بول تو رہی ہوں بھائی جان۔ ‘‘

شفقت مسکرایا۔

’’تصویروں سے دلچسپی ہے آپ کو۔ ‘‘

نگہت نے نگاہیں نیچی کرکے جواب دیا۔

’’جی ہے۔ ‘‘

’’تو اُٹھیے میں آپ کو اپنا البم دکھاؤں۔ دوسرے کمرے میں ہے۔

’’یہ کہہ کر شفقت اٹھا۔

’’چلیے۔ ‘‘

عائشہ نے شفقت کا ہاتھ دبایا۔ پلٹ کر اس نے اپنی بیوی کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا۔ اس نے آنکھوں ہی آنکھوں میں کوئی اشارہ کیا جسے شفقت نہ سمجھ سکا۔ وہ متحیر تھا کہ خدا معلوم کیا بات تھی کہ اس کی بیوی نے اس کا ہاتھ دبایا اور اشارہ بھی کیا۔ وہ سوچ ہی رہا تھا کہ طلعت کھٹ سے اٹھی۔

’’چلیے بھائی جان۔ مجھے دوسروں کے البم دیکھنے کا شوق ہے۔ میرے پاس بھی ایک کولکشن ہے۔ ‘‘

شفقت، طلعت کے ساتھ دوسرے کمرے میں چلا گیا۔ نگہت، خاموش بیٹھی رہی۔ شفقت، طلعت کو تصویریں دکھاتا رہا، حسب عادت طلعت بولتی رہی۔ شفقت کا دماغ کسی اور طرف تھا۔ وہ نگہت کے متعلق سوچ رہا تھا کہ وہ اس قدر خاموش کیوں ہے۔ تصویریں دیکھنے اس کے ساتھ کیوں نہ آئی۔ جب اس نے اس کو چلنے کے لیے کہا تو عائشہ نے اس کا ہاتھ کیوں دبایا۔ اس اشارے کا کیا مطلب تھا جو اس نے آنکھوں کے ذریعے کیا تھا۔ تصویریں ختم ہو گئیں۔ طلعت نے البم اٹھایا اور شفقت سے کہا۔

’’باجی کو دکھاتی ہوں۔ ان کو بہت شوق ہے تصویریں جمع کرنے کا۔ ‘‘

شفقت پوچھنے ہی والا تھا کہ اگر ان کو شوق ہے تو وہ اس کے ساتھ کیوں نہ آئیں مگر طلعت البم اٹھا کر کر کمرے سے نکل گئی۔ شفقت بڑے کمرے میں داخل ہوا تو نگہت بڑی دلچسپی سے البم کی تصویریں دیکھ رہی تھی۔ ہر تصویر اس کو مسرت پہنچاتی تھی۔ عائشہ لڑکیوں کی ماں سے باتیں کرنے میں مشغول دیکھ رہی تھی۔ شفقت کنکھیوں سے دیکھتا رہا۔ اس کا چہرہ جو پہلے ضرورت سے زیادہ سنجیدگی کی دھند میں لیٹا تھا۔ اب بشاش تھا۔ ایسا لگاتا تھا کہ تصویریں جو آرٹ کا بہترین نمونہ تھیں اس کو راحت بخش رہی ہیں۔ اس کی آنکھوں میں اب چمک تھی۔ لیکن جب ایک گھوڑے اور صحت مند عورت کی تصویر آئی تو یہ چمک ماند پڑ گئی۔ ایک ہلکی سی آہ اس کے سینے میں لرزی اور وہیں دب گئی۔ تصویریں ختم ہوئیں تو نگہت نے شفقت کی طرف دیکھا اور بڑے پیارے انداز میں کہا۔

’’بھائی جان شکریہ!‘‘

شفقت نے البم نگہت کے ہاتھ سے لیا اور مینٹل پیس پر رکھ دیا۔ اس کے دماغ میں کُھد بُد ہورہی تھی۔ اس کو ایسا لگتا تھا کہ کوئی بہت بڑا اسرار اس لڑکی کی زندگی کے ساتھ وابستہ ہے۔ اس نے سوچا، شاید کوئی نامکمل رومان ہو، یا کوئی نفسیاتی حادثہ۔ چائے آئی تو شفقت، نگہت سے مخاطب ہوا۔

’’اٹھیے، چائے بنائیے۔ یہ پرولج لیڈیز کا ہے۔ ‘‘

نگہت خاموش رہی لیکن طلعت پھدک کر اٹھی۔

’’بھائی جان میں بناتی ہوں۔ ‘‘

نگہت کا چہرہ پھر دھند میں ملفوف ہو گیا۔ شفقت کا تجسس بڑھتا گیا۔ ایک بار جب اس نے غیر ارادی طور پر نگہت کو گھور کے دیکھا تو وہ سٹ پٹا سی گئی۔ شفقت کو دل ہی دل میں اس بات کا افسوس ہوا کہ اس نے کیوں ایسی نازیبا حرکت کی۔ چائے پر ادھر ادھر کی بے شمار باتیں ہوئیں۔ طلعت نے ان میں سب سے زیادہ حصہ لیا۔ ٹینس کا ذکر آیا تو اس نے شفقت کوبڑے فخریہ انداز میں جو شیخی کی حد تک جا پہنچا تھا، بتایا کہ وہ نیروبی میں نمبرون ٹینس پلیئر تھی اور پندرہ بیس کپ جیت چکی تھی۔ نگہت بالکل خاموش رہی اس کی خاموشی بڑی اداس تھی۔ صاف عیاں تھا کہ اس کو اس بات کا احساس ہے کہ وہ خاموش ہے۔ ایک بات جو شفقت نے خاص طور پر نوٹ کی یہ تھی کہ عزیز کی بیوی کی ممتا کا رخ زیادہ ترنگہت کی طرف تھا۔ اس نے خود اٹھ کر بڑے پیار محبت سے اس کو کریم رول دیے۔ منہ پونچھنے کے لیے اپنا رومال دیا۔ اس سے کوئی بات کرتی تھی تو تو اس میں پیار بھی ہوتا تھا۔ ایسا لگتا تھاکہ وہ باتوں کے ذریعے سے بھی اس کے سر پر محبت بھر ہاتھ پھیر رہی ہے یا اس کو چمکا رہی ہے۔ رخصت کا وقت آیا تو عزیز کی بیوی اٹھی، برقع اٹھایا، عائشہ سے گلے ملی۔ شفقت کو دعائیں دیں اور نگہت کے پاس جا کر آنکھوں میں آنسو لا دینے والے پیار سے کہا۔

’’چلو بیٹا چلیں۔ ‘‘

طلعت پھدک کر اٹھی۔ عزیز کی بیوی نے نگہت کا ایک بازو تھاما، دوسرا بازو طلعت نے پکڑا۔ اس کو اٹھایا گیا۔ شفقت نے دیکھا کہ اس کا نچلا دھڑ بالکل بے جان ہے۔ ایک لحظے کے لیے شفقت کا دل و دماغ ساکت ہو گیا جب وہ سنبھلا تو اسے اپنے اندر ایک ٹیس سی اٹھتی محسوس ہوئی۔ لڑکھڑاتی ہوئی ٹانگوں پرماں اور بہن کا سہارا لیے نگہت غیر یقینی قدم اٹھا رہی تھی۔ اس نے ماتھے کے قریب ہاتھ لے جا کر شفقت اور عائشہ کو آداب عرض کیا۔ کتنا پیارا انداز تھا۔ مگر اس کے ہاتھ نے شفقت کے دل پر جیسے گھونسہ مارا۔ سارا اسرار اس پر واضح ہو گیا تھا۔ سب سے پہلا خیال اس کے دماغ میں یہ آیا۔

’’قدرت کیوں اتنی بے رحم ہے۔ ایسی پیاری لڑکی اور اسکے ساتھ اس قدر ظالمانہ بہیمانہ سلوک۔ اس معصوم کا آخر گناہ کیا تھا۔ جس کی سزا اتنی کڑی دی گئی؟‘‘

سب چلے گئے۔ عائشہ ان کو باہر تک چھوڑنے گئی۔ شفقت ایک فلسفی بن کر سوچتا رہ گیا، اتنے میں شفقت کے دوست آگئے اور وہ بھی اپنی بیوی سے نگہت کے بارے میں کوئی بات نہ کرسکا۔ اپنے دوستوں کے ساتھ تاش کھیلنے میں ایسا مشغول ہوا کہ نگہت اور اس کے روگ کو بھول گیا۔ جب رات ہو گئی اور عائشہ نے اسے نوکر کے ذریعے سے کھانے پر بلوایا تو اسے افسوس ہوا کہ اس نے محض ایک کھیل کی خاطر نگہت کوفراموش کردیا، چنانچہ اس کا ذکر اس نے عائشہ سے بھی کیا، لیکن اس نے کہا۔

’’آپ کھانا کھائیے، مفصل باتیں پھر ہو جائیں گی۔ ‘‘

میاں بیوی دونوں اکٹھے سوتے تھے۔ جب سے ان کی شادی ہوئی تھی وہ کبھی رات کو ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوئے تھے، اور ان کی شادی کو قریب قریب چھ برس ہو گئے تھے، مگر اس دوران میں کوئی بچہ نہ ہوا تھا۔ ڈاکٹروں کا یہ کہنا تھاکہ عائشہ میں کچھ قصور ہے جو صرف آپریشن سے دور ہوسکتا ہے، مگر وہ اس سے بہت خائف تھی۔ میاں بیوی بہت پیار محبت کی زندگی گزار رہے تھے۔ ان کے درمیان کوئی رنجش نہیں تھی۔ رات کو وہ اکٹھے لیٹتے۔ حسب معمول جب ایک دوسرے کے ساتھ لیٹے تو شفقت کو نگہت یاد آئی۔ اس نے ایک آہ بھر کر اپنی بیوی سے پوچھا۔

’’عائشہ، نگہت بے چاری کو کیا روگ ہے؟‘‘

عائشہ نے بھی آہ بھری اور بڑے افسوسناک لہجے میں کہا۔

’’تین برس کی ننھی منی بچی تھی کہ تپِ محرقہ ہوا۔ نچلا دھڑ مفلوج ہو گیا۔ ‘‘

شفقت کے دل میں نگہت کے لیے ہمدردی کا بے پناہ جذبہ پیدا ہوا۔ اس نے اپنی بیوی کی پیٹھ کو اپنے سینے کے ساتھ لگا لیا اور کہا۔

’’عائشہ، خدا کیوں اتنا ظلم ہے؟‘‘

عائشہ نے کوئی جواب دنہ دیا۔ شفقت کو دن کے واقعات یاد آنے لگے۔ جب میں نے اس سے کہا تھا کہ چلو، میں تمہیں البم دکھاتا ہوں تو تم نے میرا ہاتھ اسی لیے دبایا تھا کہ۔ ‘‘

’’ہاں ہاں، اور کیا؟۔ آپ تو بار بار۔ ‘‘

’’خدا کی قسم مجھے معلوم نہ تھا۔ ‘‘

’’اس کو اس کا بہت احساس ہے کہ وہ اپاہج ہے۔ ‘‘

’’تم نے یہ کہا ہے تو مجھے ایسا معلوم ہوا ہے کہ میرے سینے میں کسی نے تیر مارا ہے‘‘

’’جب وہ آئی، تو خدا کی قسم مجھے بہت دکھ ہوا۔ بے چاری کو پیشاب کرنا تھا۔ ماں اور چھوٹی بہن ساتھ گئیں۔ ازار بند کھولا۔ پھر بند کیا۔ کتنی خوب صورت ہے۔ بیٹھی ہو۔ ‘‘

’’تو خدا کی قسم بالکل پتا نہیں چلتا کہ فالج زدہ ہے۔ ‘‘

’’بڑی ذہین لڑکی ہے۔ ‘‘

’’اچھا؟‘‘

’’ماں کہتی تھی کہ اس نے کہا تھا کہ امی جان میں شادی نہیں کروں گی، کنواری رہوں گی!‘‘

شفقت تھوڑی دیر کے لیے خاموش ہو گیا۔ اس کے بعد اس نے انتہائی دکھ محسوس کرتے ہوئے کہا۔

’’تو اُس کو اس بات کا احساس ہے کہ اس سے شادی کرنے کے لیے کوئی رضا مند نہیں ہو گا۔ ‘‘

عائشہ نے شفقت کی چھاتی کے بالوں میں انگلیوں سے کنگھی کرتے ہوئے کہا۔

’’شفقت صاحب کون شادی کرے گا ایک اپاہج سے؟‘‘

’’نہیں نہیں ایسا نہ کہو عائشہ!‘‘

’’اتنی بڑی قربانی کون کرسکتا ہے شفقت صاحب؟‘‘

’’تم ٹھیک کہتی ہو۔ ‘‘

’’خوبصورت ہے، اچھے کھاتے پیتے ماں باپ کی لڑکی ہے۔ سب ٹھیک ہے، مگر۔ ‘‘

’’میں سمجھتا ہوں۔ لیکن۔ ‘‘

’’مردوں کے دل میں رحم کہاں؟‘‘

شفقت نے کروٹ بدلی۔

’’ایسا نہ کہو، عائشہ‘‘

عائشہ نے بھی کروٹ بدلی۔ دونوں روبرو ہو گئے۔

’’میں سب جانتی ہوں کوئی ایسا مرد ڈھونڈیئے جو اس بیچاری سے شادی کرنے پر آمادہ ہو۔ ‘‘

’’مجھے معلوم نہیں، لیکن۔ ‘‘

’’بڑی بہن ہے، غریب کوکتنا بڑا دکھ ہے کہ اس کی چھوٹی بہن کی شادی کی بات چیت ہورہی ہے۔ ‘‘

’’صحیح کہتی ہو تم!‘‘

عائشہ نے ایک لمبی آہ بھری۔

’’کیا بے چاری اسی طرح ساری عمر کڑھتی رہے گی۔ ‘‘

’’نہیں!‘‘

یہ کہہ کر شفقت اٹھ کر بیٹھ گیا۔ عائشہ نے پوچھا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

’’تمہیں اس سے ہمدردی ہے؟‘‘

’’کیوں نہیں؟‘‘

’’خدا کی قسم کھا کرکہو۔ ‘‘

’’ہائے، یہ بھی کوئی قسم کھلوانے کی بات ہے، ہر انسان کو اس سے ہمدردی ہونی چاہیے۔ ‘‘

شفقت نے چند لمحات خاموش رہنے کے بعد کہا۔

’’تو میں نے ایک بات سوچی ہے؟‘‘

عائشہ نے خوش ہو کرکہا۔

’’کیا؟‘‘

’’مجھے ہمیشہ اس بات کا احساس رہا ہے تم بہت بلند خیال عورت ہو۔ آج تم نے میرے اس خیال کو ثابت کردیا ہے۔ میں نے۔ خدا میرے اس ارادے کو استقامت بخشے۔ میں نے ارادہ کرلیا ہے کہ میں نگہت سے شادی کروں گا۔

سعادت حسن منٹو

گورمکھ سنگھ کی وصیت

پہلے چھرا بھونکنے کی اِکا دُکا واردات ہوتی تھیں، اب دونوں فریقوں میں باقاعدہ لڑائی کی خبریں آنے لگی جن میں چاقو چھریوں کے علاوہ کرپانیں، تلواریں اور بندوقیں عام استعمال کی جاتی تھیں۔ کبھی کبھی دیسی ساخت کے بم پھٹنے کی اطلاع بھی ملتی تھی۔ امرتسر میں قریب قریب ہر ایک کا یہی خیال تھا کہ یہ فرقہ واردانہ فسادات دیر تک جاری نہیں رہیں گے۔ جوش ہے، جونہی ٹھنڈا ہوا، فضا پھر اپنی اصلی حالت پر آجائے گی۔ اس سے پہلے ایسے کئی فساد امرتسر میں ہو چکے تھے جو دیر پا نہیں تھے۔ دس سے پندرہ روز تک مار کٹائی کا ہنگامہ رہتا تھا، پھر خود بخود فرو ہو جاتا تھا۔ چنانچہ پرانے تجربے کی بنا پر لوگوں کا یہی خیال تھا کہ یہ آگ تھوڑی دیر کے بعد اپنا زور ختم کرکے ٹھنڈی ہو جائے گی۔ مگر ایسا نہ ہوا۔ بلووں کا زور دن بدن بڑھتا ہی گیا۔ ہندوؤں کے محلے میں جو مسلمان رہتے تھے بھاگنے لگے۔ اسی طرح وہ ہندو جو مسلمانوں کے محلے میں تھے اپنا گھر بار چھوڑ کے محفوظ مقاموں کا رخ کرنے لگے۔ مگر یہ انتظام سب کے نزدیک عارضی تھا، اس وقت تک کے لیے جب فضا فسادات کے تکدر سے پاک ہو جانے والی تھی۔ میاں عبدالحیی ریٹائرڈ سب جج کو تو سو فی صدی یقین تھا کہ صورتحال بہت جلد درست ہو جائے گی، یہی وجہ ہے کہ وہ زیادہ پریشان نہیں تھے ان کا ایک لڑکا تھا گیارہ برس کا۔ ایک لڑکی تھی سترہ برس کی۔ ایک پرانا ملازم تھا جس کی عمر ستر کے لگ بھگ تھی۔ مختصر سا خاندان تھا۔ جب فسادات شروع ہوئے تو میاں صاحب نے بطور حفظِ ماتقدم کافی راشن گھر میں جمع کرلیا تھا۔ اس طرح سے وہ بالکل مطمئن تھے کہ اگر خدانخواستہ حالات کچھ زیادہ بگڑ گئے اور دکانیں وغیرہ بند ہو گئیں تو انھیں کھانے پینے کے معاملے میں تردو نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن ان کی جوان لڑکی صغریٰ بہت متردد تھی۔ ان کا گھر تین منزلہ تھا۔ دوسری عمارتوں کے مقابلے میں کافی اونچا۔ اس کی ممٹی سے شہر کا تین چوتھائی حصہ بخوبی نظر آتا تھا۔ صغریٰ اب کئی دنوں سے دیکھ رہی تھی کہ نزدیک دور کہیں نہ کہیں آگ لگی ہوتی ہے۔ شروع شروع میں تو فائر بریگیڈ کی ٹن ٹن سنائی دیتی تھی پر اب وہ بھی بند ہو گئی تھی، اس لیے کہ جگہ جگہ آگ بھڑکنے لگی تھی۔ رات کو اب کچھ اور ہی سماں ہوتا۔ گھپ اندھیرے میں آگ کے بڑے بڑے شعلے اٹھتے جیسے دیو ہیں جو اپنے منہ سے آگ کے فوارے سے چھوڑ رہے ہیں۔ پھر عجیب عجیب سی آوازیں آتیں جو ہر ہر مہادیو اور اللہ اکبر کے نعروں کے ساتھ مل کر بہت ہی وحشت ناک بن جاتیں۔ صغریٰ باپ سے اپنے خوف و ہراس کا ذکر نہیں کرتی تھی۔ اس لیے کہ وہ ایک بار گھر میں کہہ چکے تھے کہ ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ سب ٹھیک ٹھاک ہو جائے گا۔ میاں صاحب کی باتیں اکثر درست ہوا کرتی تھیں۔ صغریٰ کو اس سے ایک گونہ اطمینان تھا۔ مگرجب بجلی کا سلسلہ منقطع ہو گیا اور ساتھ ہی نلوں میں پانی آنا بند ہو گیا تو اس نے میاں صاحب سے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور ڈرتے ڈرتے رائے دی تھی کہ چند روز کے لیے شریف پورے اٹھ جائیں جہاں اڑوس پڑوس کے سارے مسلمان آہستہ آہستہ جارہے تھے۔ میاں صاحب نے اپنا فیصلہ نہ بدلا اور کہا۔

’’بیکار گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ حالات بہت جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔ ‘‘

مگر حالات بہت جلدی ٹھیک نہ ہو جائے اور دن بدن بگڑتے گئے۔ وہ محلہ جس میں میاں عبدالحیی کا مکان تھا مسلمانوں سے خالی ہو گیا۔ اور خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ میاں صاحب پر ایک روز اچانک فالج گرا جس کے باعث وہ صاحبِ فراش ہو گئے۔ ان کا لڑکا بشارت بھی جو پہلے اکیلا گھرمیں اوپر نیچے طرح طرح کے کھیلوں میں مصروف رہتا تھا اب باپ کی چارپائی کے ساتھ لگ کر بیٹھ گیا اور حالات کی نزاکت سمجھنے لگا۔ وہ بازار جو اُن کے مکان کے ساتھ ملحق تھا سنسنان پڑا تھا۔ ڈاکٹر غلام مصطفےٰ کی ڈسپنسری مدت سے بند پڑی تھی۔ اس سے کچھ دور ہٹ کر ڈاکٹر گوراندتامل تھے۔ صغریٰ نے شہ نشین سے دیکھا تھا کہ ان کی دکان میں بھی تالے پڑے ہیں۔ میاں صاحب کی حالت بہت مخدوش تھی۔ صغریٰ اس قدر پریشان تھی کہ اس کے ہوش و حواس بالکل جواب دے گئے تھے۔ بشارت کو الگ لے جا کر اس نے کہا۔

’’خدا کے لیے، تم ہی کچھ کرو۔ میں جانتی ہوں کہ باہر نکلنا خطرے سے خالی نہیں، مگر تم جاؤ۔ کسی کو بھی بلا لاؤ۔ اباجی کی حالت بہت خطرناک ہے۔ ‘‘

بشارت گیا، مگر فوراً ہی واپس آگیا۔ اس کا چہرہ ہلدی کی طرح زرد تھا۔ چوک میں نے اس نے ایک لاش دیکھی تھی، خون سے تر بتر۔ اور پاس ہی بہت سے آدمی ٹھاٹے باندھے ایک دکان لوٹ رہے تھے۔ صغریٰ نے اپنے خوفزدہ بھائی کو سینے کے ساتھ لگایا اور صبر شکر کے بیٹھ گئی۔ مگر اُس سے اپنے باپ کی حالت نہیں دیکھی جاتی تھی۔ میاں صاحب کے جسم کا داہنا حصہ بالکل سن ہو گیا تھا جیسے اس میں جان ہی نہیں۔ گویائی میں بھی فرق پڑ گیا تھا اور وہ زیادہ تر اشاروں ہی سے باتیں کرتے تھے جس کا مطلب یہ تھا کہ صغریٰ گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ خدا کے فضل وکرم سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔ کچھ بھی نہ ہوا۔ روزے ختم ہونے والے تھے۔ صرف دو رہ گئے تھے۔ میاں صاحب کا خیال تھا کہ عید سے پہلے پہلے فضا بالکل صاف ہو جائیگی مگر اب ایسا معلوم ہوتا تھا کہ شاید عید ہی کا روز روزِ قیامت ہو، کیونکہ ممٹی پر سے اب شہر کے قریب قریب ہر حصے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے تھے۔ رات کو بم پھٹنے کی ایسی ایسی ہولناک آوازیں آتی تھیں کہ صغریٰ اور بشارت ایک لحظے کے لیے بھی سو نہیں سکتے تھے۔ صغریٰ کو یوں بھی باپ کی تیمارداری کے لیے جاگنا پڑتا تھا، مگر اب یہ دھماکے، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ اس کے دماغ کے اندر ہورہے ہیں۔ کبھی وہ اپنے مفلوج باپ کی طرف دیکھتی اور کبھی اپنے وحشت زدہ بھائی کی طرف۔ ستر برس کا بڈھا ملازم اکبر تھا جس کا وجود ہونے نہ ہونے کے برابر تھا۔ وہ سارا دن اور ساری رات پر اپنی کوٹھڑی میں کھانستا کھنکارتا اور بلغم نکالتا رہتا تھا۔ ایک روز تنگ آکر صغریٰ اس پر برس پڑی۔

’’تم کس مرض کی دوا ہو۔ دیکھتے نہیں ہو، میاں صاحب کی کیا حالت ہے۔ اصل میں تم پرلے درجے کے نمک حرام ہو۔ اب خدمت کا موقعہ آیا ہے تو دمے کا بہانہ کرکے یہاں پڑے رہتے ہو۔ وہ بھی خادم تھے جو آقا کے لیے اپنی جان تک قربان کردیتے تھے۔ ‘‘

صغریٰ اپنا جی ہلکا کرکے چلی گئی۔ بعد میں اس کو افسوس ہوا کہ ناحق اس غریب کو اتنی لعنت ملامت کی۔ رات کا کھانا تھال میں لگا کر اس کی کوٹھڑی میں گئی تو دیکھا خالی ہے۔ بشارت نے گھر میں اِدھر اُدھر تلاش کیا مگر وہ نہ ملا۔ باہر کے دروازے کی کنڈی کھلی تھی جس کا یہ مطلب تھا کہ وہ میاں صاحب کے لیے کچھ کرنے گیا ہے۔ صغریٰ نے بہت دعائیں مانگیں کہ خدا اُسے کامیاب کرے لیکن دو دن گزر گئے اور وہ نہ آیا۔ شام کا وقت تھا۔ ایسی کئی شامیں صغریٰ اور بشارت دیکھ چکے تھے۔ جب عید کی آمد آمد کے ہنگامے برپا ہوتے تھے جب آسمان پر چاند دیکھنے کے لیے ان کی نظریں جمی رہتی تھیں۔ دوسرے روز عید تھی۔ صرف چاند کو اس کا اعلان کرنا تھا۔ دونوں اس اعلان کے لیے کتنے بے تاب ہوا کرتے تھے۔ آسمان پر چاند والی جگہ پر اگر بادل کا کوئی ہٹیلا ٹکڑہ جم جاتا توکتنی کوفت ہوتی تھی انھیں مگر اب چاروں صرف دھوئیں کے بادل تھے۔ صغریٰ اور بشارت دونوں ممٹی پر چڑھے۔ دور کہیں کہیں کوٹھوں لوگوں کے سائے دھبوں کی صورت میں دکھائی دیتے تھے، مگر معلوم نہیں یہ چاند دیکھ رہے تھے یا جگہ جگہ سلگتی اور بھڑکتی ہوئی آگ۔ چاند بھی کچھ ایسا ڈھیٹ تھا کہ دھوئیں کی چادر میں سے بھی نظر آگیا۔ صغریٰ نے ہاتھ اٹھا کر دعا مانگی کہ خدا اپنا فضل کرے اور اس کے باپ کو تندرستی عطا فرمائے۔ بشارت دل ہی دل میں کوفت محسوس کررہا تھا کہ گڑ بڑ کے باعث ایک اچھی بھلی عید غارت ہو گئی۔ دن ابھی پوری طرح ڈھلا نہیں تھا۔ یعنی شام کی سیاہی ابھی گہری نہیں ہوئی تھی۔ میاں صاحب کی چارپائی چھڑکاؤ کیے ہوئے صحن میں بچھی تھی۔ وہ اس پر بے حس و حرکت لیٹے تھے اور دور آسمان پر نگاہیں جمائے جانے کیا سوچ رہے تھے۔ عید کا چاند دیکھ کر جب صغریٰ نے پاس آکر انھیں سلام کیا تو انھوں نے اشارے سے جواب دیا۔ صغریٰ نے سر جھکایا تو انھوں نے وہ بازو جو ٹھیک تھا اٹھایا اور اس پر شفقت سے ہاتھ پھیرا۔ صغریٰ کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے تو میاں صاحب کی آنکھیں بھی نمناک ہو گئیں، مگر انھوں نے تسلی دینے کی خاطر بمشکل اپنی نیم مفلوج زبان سے یہ الفاظ نکالے۔

’’اللہ تبارک و تعالیٰ سب ٹھیک کردے گا۔ ‘‘

عین اسی وقت باہر دروازے پر دستک ہوئی۔ صغریٰ کا کلیجہ دھک سے رہ گیا۔ اس نے بشارت کی طرف دیکھا۔ جس کا چہرہ کاغذ کی طرح سفید ہو گیا تھا۔ دروازے پر دستک ہوئی۔ میاں صاحب صغریٰ سے مخاطب ہوئے۔

’’دیکھو، کون ہے!‘‘

صغریٰ نے سوچا کہ شاید بڈھا اکبر ہو۔ اس خیال ہی سے اس کی آنکھیں تمتما اٹھیں۔ بشارت کا بازو پکڑ کر اس نے کہا۔

’’جاؤ دیکھو۔ شاید اکبر آیا ہے۔ ‘‘

یہ سن کر میاں صاحب نے نفی میں یوں سر ہلایا جیسے وہ یہ کہہ رہے ہیں۔

’’نہیں۔ یہ اکبر نہیں ہے۔ ‘‘

صغریٰ نے کہا۔

’’تو اور کون ہو سکتا ہے ابا جی؟‘‘

میاں عبدالحیی نے اپنی قوتِ گویائی پر زور دے کر کچھ کہنے کی کوشش کی کہ بشارت آگیا۔ وہ سخت خوفزدہ تھا۔ ایک سانس اوپر، ایک نیچے، صغریٰ کو میاں صاحب کی چارپائی سے ایک طرف ہٹا کر اس نے ہولے سے کہا۔

’’ایک سکھ ہے!‘‘

صغریٰ کی چیخ نکل گئی۔

’’سکھ؟۔ کیا کہتا ہے؟‘‘

بشارت نے جواب دیا۔

’’کہتا ہے دروازہ کھولو۔ ‘‘

صغریٰ نے کانپتے ہوئے بشارت کو کھینچ کر اپنے ساتھ چمٹا لیا اور باپ کی چارپائی پر بیٹھ گئی اور اپنے باپ کی طرف ویران نظروں سے دیکھنے لگی۔ میاں عبدالحیّ کے پتلے پتلے بے جان ہونٹوں پر ایک عجیب سی مسکراہٹ پیدا ہو گئی۔

’’جاؤ۔ گورمکھ سنگھ ہے!‘‘

بشارت نے نفی میں سر ہلایا۔

’’کوئی اور ہے؟‘‘

میاں صاحب نے فیصلہ کن انداز میں کہا۔

’’جاؤ صغریٰ وہی ہے!‘‘

صغریٰ اٹھی۔ وہ گورمکھ سنگھ کو جانتی تھی۔ پنشن لینے سے کچھ دیر پہلے اس کے باپ نے اس نام کے ایک سکھ کا کوئی کام کیا تھا۔ صغریٰ کو اچھی طرح یاد نہیں تھا۔ شاید اس کو ایک جھوٹے مقدمے سے نجات دلائی تھی۔ جب سے وہ ہر چھوٹی عید سے ایک دن پہلے رومالی سویوں کا ایک تھیلا لیکر آیا کرتا تھا۔ اس کے باپ نے کئی مرتبہ اس سے کہا تھا۔

’’سردار جی، آپ یہ تکلیف نہ کیا کریں۔ ‘‘

مگر وہ ہاتھ جوڑ کر جواب دیا کرتا تھا۔

’’میاں صاحب واہگورو جی کی کرپا سے آپ کے پاس سب کچھ ہے۔ یہ تو ایک تحفہ یہ جو میں جناب کی خدمت میں ہر سال لے کر آتا ہوں۔ مجھ پر جو آپ نے احسان کیا تھا۔ اس کا بدلہ تو میر ی سو پشت بھی نہیں چکا سکتی۔ خدا آپ خوش رکھے۔ ‘‘

سردار گورمکھ سنگھ کو ہر سال عید سے ایک روز پہلے سویوں کا تھیلا لاتے اتنا عرصہ ہو گیا تھا کہ صغریٰ کو حیرت ہوئی کہ اس نے دستک سن کر یہ کیوں خیال نہ کیا کہ وہی ہو گا، مگر بشارت بھی تو اس کو سینکڑوں مرتبہ دیکھ چکا تھا، پھر اس نے کیوں کہا کوئی اور ہے۔ اور کون ہو سکتا ہے۔ یہ سوچتی صغریٰ ڈیوڑھی تک پہنچی۔ دروازہ کھولے یا اندر ہی سے پوچھے، اس کے متعلق وہ ابھی فیصلہ ہی کررہی تھی کہ دروازے پر زور سے دستک ہوئی۔ صغریٰ کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ بمشکل تمام اس نے حلق سے آواز نکالی ہے۔

’’کون ہے؟‘‘

بشارت پاس کھڑا تھا۔ اس نے دروازے کی ایک درز کی طرف اشارہ کیا اور صغریٰ سے کہا۔

’’اس میں سے دیکھو؟‘‘

صغریٰ نے درز میں سے دیکھا۔ گورمکھ سنگھ نہیں تھا۔ وہ تو بہت بوڑھا تھا، لیکن یہ جو باہر تھڑے پر کھڑا تھا جوان تھا۔ صغریٰ ابھی درز پر آنکھ جمائے اس کا جائزہ لے رہی تھی کہ اس نے پھر دروازہ کھٹکھٹایا۔ صغریٰ نے دیکھا کہ اس کے ہاتھ میں کاغذ کا تھیلا تھا ویسا ہی جیسا گورمکھ سنگھ لایا کرتا تھا۔ صغریٰ نے درز سے آنکھ ہٹائی اور ذرا بلند آواز میں دستک دینے والا سے پوچھا۔

’’کون ہیں آپ؟‘‘

باہر سے آواز آئی۔

’’جی۔ جی میں۔ میں سردار گورمکھ سنگھ کا بیٹا ہوں۔ سنتو کھ!‘‘

صغریٰ کا خوف بہت حد تک دور ہو گیا۔ بڑی شائستگی سے اس نے پوچھا۔

’’فرمائیے۔ آپ کیسے آئے ہیں؟‘‘

باہرسے آواز آئی۔

’’جی۔ جج صاحب کہاں ہیں۔ ‘‘

صغریٰ نے جواب دیا۔

’’بیمار ہیں۔ ‘‘

سردار سنتوکھ سنگھ نے افسوس آمیز لہجے میں کہا۔

’’اوہ۔ پھر اس نے کاغذ کا تھیلا کھڑکھڑایا۔

’’جی یہ سویاں ہیں۔ سردار جی کا دیہانت ہو گیا ہے۔ وہ مر گئے ہیں!‘‘

صغریٰ نے جلدی سے پوچھا۔

’’مر گئے ہیں؟‘‘

باہر سے آواز آئی۔

’’جی ہاں۔ ایک مہینہ ہو گیا ہے۔ مرنے سے پہلے انھوں نے مجھے تاکید کی تھی کہ دیکھو بیٹھا، میں جج صاحب کی خدمت میں پورے دس برسوں سے ہر چھوٹی عید پر سویاں لے جاتا رہا ہوں۔ یہ کام میرے مرنے کے بعد اب تمہیں کرنا ہو گا۔ میں نے انھیں بچن دیا تھا۔ جو میں پورا کررہا ہوں۔ لے لیجئے سویاں۔ ‘‘

صغریٰ اس قدر متاثر ہوئی کہ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس نے تھوڑا سا دروازہ کھولا۔ سردار گورمکھ سنگھ کے لڑکے نے سویوں کا تھیلا آگے بڑھادیا جو صغریٰ نے پکڑ لیا اور کہا۔

’’خدا سردار جی کو جنت نصیب کرے۔ ‘‘

گورمکھ سنگھ کا لڑکا کچھ توقف کے بعد بولا۔

’’جج صاحب بیمار ہیں؟‘‘

صغریٰ نے جواب دیا۔

’’جی ہاں!‘‘

’’کیا بیماری ہے؟‘‘

’’فالج‘‘

’’اوہ۔ سردار جی زندہ ہوتے تو یہ انھیں یہ سُن کر بہت دکھ ہوتا۔ مرتے دم تک انھیں جج صاحب کا احسان یاد تھا۔ کہتے تھے کہ وہ انسان نہیں دیوتا ہے۔ اللہ میاں انھیں زندہ رکھے۔ انھیں میرا سلام۔ ‘‘

اور یہ کہہ کر وہ تھرے سے اتر گیا۔ صغریٰ سوچتی ہی رہ گئی کہ وہ اسے ٹھہرائے اور کہے کے جج صاحب کے لیے کسی ڈاکٹر کا بندوبست کردے۔ سردار گورمکھ سنگھ کا لڑکا سنتوکھ جج صاحب کے مکان سے تھڑے سے اتر کر چند گز کے آگے بڑھا تو چار ٹھاٹا باندھے ہوئے آدمی اس کے پاس آئے۔ دوکے پاس جلتی مشعلیں تھیں اور دو کے پاس مٹی کے تیل کے کنستر اور کچھ دوسری آتش خیز چیزیں۔ ایک نے سنتوکھ سے پوچھا۔

’’کیوں سردار جی، اپنا کام کر آئے؟‘‘

سنتوکھ نے سر ہلا کر جواب دیا۔

’’ہاں کر آیا۔ ‘‘

اس آدمی نے ٹھاٹے کے اندر ہنس کر پوچھا۔

’’تو کردیں معاملہ ٹھنڈا جج صاحب کا۔ ‘‘

’’ہاں۔ جیسے تمہاری مرضی!‘‘

یہ کہہ کر سردار گورمکھ سنگھ کا لڑکا چل دیا۔ 5اکتوبر1951ء

سعادت حسن منٹو

گلگت خان

شہباز خان نے ایک دن اپنے ملازم جہانگیر کو جو اُس کے ہوٹل میں اندر باہر کا کام کرتا تھا اُس کی سست روی سے تنگ آ کر برطرف کر دیا۔ اصل میں وہ سست رو نہیں تھا۔ اس قدر تیز تھا کہ اُس کی ہر حرکت شہباز خان کو غیر متحرک معلوم ہوتی تھی۔ شہباز خان نے اس کو مہینے کی تنخواہ دی۔ جہانگیر نے اس کو سلام کیا اور ٹکٹ کٹا کر سیدھا بلوچستان چلا گیا جہاں کوئلے کی کانیں نکل رہی تھیں۔ اُس کے اور کئی دوست وہیں چلے گئے تھے۔ لیکن اُس نے گلگت اپنے بھائی حمزہ خان کو خط لکھا کہ وہ شہباز خان کے یہاں ملازمت کر لے کیونکہ اُسے اپنا یہ آقا پسند تھا۔ ایک دن حمزہ خان ٗ شہباز خان کے ہوٹل میں آیا اور ایک کارڈ دکھا کر اس نے کہا

’’خوام ملازمت چاہتا ہے۔ امارے بھائی نے لکھا ہے، تم اچھا اور نیک آدمی ہے۔ خوام بھی اچھا اور نیک ہے۔ تم کتنا پیسا دے گا‘‘

شہباز خان نے حمزہ خان کی طرف دیکھا۔ وہ جہانگیر کا بھائی کسی لحاظ سے بھی دکھائی نہیں دیتا تھا۔ ناٹا سا قد۔ ناک چوڑی چپٹی۔ نہایت بد شکل۔ شہباز خان نے اسے ایک نظر دیکھ کر اور جہانگیر کا خط پڑھ کر سوچا کہ اس کو نکال باہر کرے۔ مگر آدمی نیک تھا اس نے کسی سائل کو خالی نہیں جانے دیا تھا۔ حمزہ خان کو چنانچہ اس نے پندرہ روپے ماہوار پر ملازم رکھ لیا اور یہ ہدایت کر دی کہ جو کام اُس کے سپرد کیا جائے ایمانداری سے کرے۔ حمزہ خان نے اپنے بد نما ہونٹوں سے مسکراہٹ پیدا کرتے ہوئے شہباز خان کو یقین دلایا

’’خان بادشاہ۔ ام تم کو کبھی تنگ نہیں کرے گا۔ جو کہے گا مانے گا‘‘

شہباز خان یہ سُن کر خوش ہو گیا۔ حمزہ خان نے شروع شروع میں کچھ اتنا اچھا کام نہ کیا لیکن تھوڑے عرصے میں وہ سب کچھ سیکھ گیا۔ چائے کیسے بنائی جاتی ہے۔ شکر کے ساتھ گڑ کتنا ڈالا جاتا ہے۔ کوئلے والیوں سے کوئلے کیسے حاصل کیے جاتے ہیں اور مختلف گاہکوں کے ساتھ کس قسم کا سلوک روا رکھنا چاہیے۔ یہ اس نے سیکھ لیا۔ اس میں صرف ایک کمی تھی کہ وہ بے حد بد شکل تھا۔ بد تمیز بھی کسی حد تک تھا۔ اس لیے کہ اس کی شکل صورت دیکھ کر شہباز خان کے ہوٹل میں آنے جانے والے کچھ گھبرا سے جاتے۔ مگر جب گاہک آہستہ آہستہ اس کی بد صورتی سے مانوس ہو گئے تو انھوں نے اس کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیا۔ بلکہ بعض لوگ تو اس سے دلچسپی لینے لگے اس لیے کہ وہ کافی دلچسپ چیز تھا۔ مگر اس دلچسپی سے حمزہ خان کو تسکین نہیں ہوتی تھی۔ وہ یہ سمجھتا تھا کہ محض ہنسی مذاق کی خاطر یہ لوگ جو ہوٹل میں چند گھنٹے گزارنے آتے ہیں اس سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔ یوں حمزہ خان گلگت خان کے نام سے مشہور ہو گیا تھا اس لیے کہ وہ کافی دیر گلگت میں رہا تھا اور اس ریاست کا ذکر بار بار کیا کرتا تھا۔ اس لیے ہوٹل میں آنے جانے والوں نے اس کا نام گلگت خان رکھ دیا، جس پر حمزہ خان کو اعتراض نہیں تھا۔ حمزہ کے کیا معنی ہوتے ہیں، اس کو معلوم نہیں تھا بلکہ گلگت کا مطلب وہ بخوبی سمجھتا تھا۔ شہباز خان کے ہوٹل میں آئے اس کے قریب قریب ایک برس ہو گیا۔ اس دوران میں اس نے محسوس کیا کہ اس کا مالک شہباز خان اس کی شکل صورت سے متنفر ہے یہ احساس اُسے کھائے جاتا تھا۔ ایک دن اُس نے ہوٹل کے باہر کتے کا پلا دیکھا جو اس سے بھی کہیں زیادہ بد صورت تھا۔ اُس کو اُٹھا کر وہ اپنی کوٹھری میں لے آیا جو اسے ہوٹل کی بالائی منزل پر رہنے سہنے کے لیے دی گئی تھی۔ یہ اتنی چھوٹی تھی کہ اگر کتے کا ایک اور پلا آجاتا تو وہ اس میں گلگت خان کے ساتھ سمانہ سکتا۔ اس کتے کے پلے کی ٹانگیں ٹیڑھی میڑھی تھیں۔ تھوتھنی بڑی واہیات تھی۔ عجیب بات ہے کہ گلگت خان کی ٹانگیں۔ بلکہ یوں کہیے کہ اس کا نچلا دھڑ اس کے اوپر کے جسمانی حصے کے مقابلے میں بہت چھوٹا تھا۔ بالکل اُس کے مانند یہ پلا بھی مسخ شدہ صورت کا تھا۔ گلگت خان اس سے بہت پیار کرتا۔ شہباز خان نے اس سے کئی مرتبہ کہا کہ میں اس کتے کے بچے کو گولی مار دُوں گا۔ مگر گلگت خان اس کو کسی بھی حالت میں اپنے سے جدا کرنے پر راضی نہیں تھا۔ اُس نے شروع شروع میں تو اپنے آقا سے کچھ نہ کہا۔ خاموشی سے اس کی باتیں سنتا رہا۔ آخر ایک روز اس سے صاف لفظوں میں اُس سے کہہ دیا

’’خو، تم۔ ہوٹل کے مالک ہو۔ میرے دوست ٹن ٹن کے مالک نہیں ہو‘‘

شہباز خان یہ سُن کر چپ ہو گیا۔ گلگت خان بڑا محنتی تھا۔ صبح پانچ بجے اُٹھتا دو انگیٹھیاں سُلگاتا سامنے والے نل سے پانی بھرتا اور پھر گاہکوں کی خدمت میں مصروف ہو جاتا۔ اس کا ٹن ٹن مہینوں بعد بڑا ہو گیا۔ وہ اس کے ساتھ کوٹھری میں سوتا تھا جو ہوٹل کی بالائی منزل پر تھی۔ سردیاں تھیں۔ اس لیے گلگت خان کو اپنے بستر میں اس کی موجودگی بُری نہیں معلوم ہوتی تھی۔ بلکہ وہ خوش تھا کہ وہ اس سے اس قدر پیار کرتا ہے کہ رات کو بھی اس کا ساتھ نہیں چھوڑتا۔ ٹن ٹن نام گلگت خان کے ایک خاص گاہک نے رکھا تھا، جو اُس کی انتہائی بد صورتی کے باوجود اس سے دلچسپی لیتا۔ یہ نام اس لیے رکھا گیا کہ کتے کا وہ پلا جسے وہ سڑک پر سے اُٹھا کر اپنے پاس لے آیا تھا اور جس کی گردن میں اُس نے اپنی تنخواہ میں سے پیسے بچا کر ایک ایسا پٹا ڈالا تھا جس میں گھنگرو بندھے ہوئے تھے۔ اس خاص گاہک نے جو غالباً کسی روزنامے کا کالم نویس تھا ان گھنگروؤں کی آواز سُن کر اس کا نام ٹن ٹن رکھ دیا۔ ٹن ٹن جب بڑا ہوا تو اس کی ٹانگیں اور بھی زیادہ چھوٹی ہو گئیں۔ گلگت خان کی بھی یہی حالت تھی۔ اس کی ٹانگیں بھی دن بہ دن مختصر ہو رہی تھیں۔ اُوپر کا دھڑ مناسب و موزوں انداز میں بڑھ گیا تھا۔ شہباز خان کو گلگت خان کا یہ حلیہ پسند نہیں تھا مگر وہ محنتی تھا۔ گدھے کی مانند کام کرتا۔ صبح پانچ بجے سے لے کر رات کے گیارہ بارہ بجے تک ہوٹل میں رہتا۔ ایک گھڑی کے لیے بھی آرام نہ کرتا۔ لیکن اُس دوران میں وہ تین چار مرتبہ اوپر اپنی کوٹھڑی میں ضرور جاتا اور اپنے پیارے کتے کی جواب بڑا ہو گیا تھا دیکھ بھال کرتا تھا اس کو ہوٹل کا بچا کچھا کھانا دیتا۔ پانی پلاتا اور پیار کر کے فوراً واپس چلا آتا۔ ایک دن اس کا ٹن ٹن بیمار ہو گیا۔ ہوٹل میں اکثر میڈیکل اسٹوڈنٹ آیا کرتے تھے کیونکہ اُن کا کالج نزدیک ہی تھا۔ گلگت خان نے ان میں سے ایک کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ اگر پیٹ کی شکایت ہو تو مریض کو بٹیر یا مرغ کا گوشت کھلانا چاہیے۔ فاقہ دینا سخت حماقت ہے۔ اس نے اپنے ٹن ٹن کو صبح سے کوئی چیز کھانے کو نہیں دی تھی۔ اس لیے کہ اس کو بد ہضمی تھی۔ مگر جب اس نے اس میڈیکل اسٹوڈنٹس کی بات سُنی تو اس نے اِدھر اُدھر کوئی مرغ تلاش کرنا شروع کیا مگر نہ ملا۔ محلہ ہی کچھ ایسا تھا جس میں کوئی مُرغ مرغیاں نہیں پالتا تھا۔ شہباز خان کو بٹیر بازی کا شوق تھا۔ اس کے پاس ایک بٹیر تھا جسے وہ اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتا تھا۔ گلگت خان نے تنکوں کا بنا ہوا پنجرہ کھولا اور ہاتھ ڈال کر یہ بٹیر پکڑی۔ کلمہ پڑھ کر اُس کو ذبح کیا اور اپنے ٹن ٹن کو کھلا دیا۔ شہباز خان نے جب پنجرہ خالی دیکھا تو بہت پریشان ہوا۔ اس کی سمجھ میں نہ آیا کہ بٹیر اس میں سے کیسے اڑ گئی۔ وہ تو اس کے اشاروں پر چلتی تھی۔ کئی پالیاں اس نے بڑی شان سے جیتی تھیں۔ اس نے گلگت خان سے پوچھا تو اس نے کہا

’’خو مجھے کیا مالوم۔ تمہارا بٹیر کدھر گیا۔ بھاگ گیا ہو گا کدھر‘‘

شہباز خان نے جب زیادہ جستجو کی تو اُس نے دیکھا کہ اس کے ہوٹل کے سامنے جہاں بدرو تھی تھوڑا سا خون اور بچے ہوئے پر پڑے ہیں۔ یہ بلا شبہ اس کی بٹیر کے تھے وہ سر پیٹ کر رہ گیا اُس نے سوچا کوئی ظالم اس کو بھون کر کھا گیا ہے۔ بٹیر کے پر اُس کے جانے پہچانے تھے۔ اس نے ان کو بڑے پیار سے اکٹھا کیا اور اپنے ہوٹل کے پچھواڑے جہاں کھلا میدان تھا، چھوٹا سا گڑھا کھود کر انھیں دفن کر دیا، فاتحہ پڑھی۔ اس کے بعد اُس نے کئی غریبوں کو اپنے ہوٹل سے مُفت کھانا بھی کھلایا تاکہ مرحوم کی رُوح کو ثواب پہنچے۔ جب شہباز خان سے کوئی اس کی بٹیر کے متعلق پوچھا تو وہ کہتا

’’شہید ہو گیا ہے‘‘

گلگت خان یہ سنتا اور اپنے کان سمیٹے خاموش کام میں مشغول رہتا۔ اس کا ٹن ٹن اچھا ہو گیا۔ اس کو جو شکایت تھی رفع ہو گئی۔ گلگت خان بہت خوش تھا۔ اُس نے اپنے پیارے کتے کی صحت یابی پر دو بھکاریوں کو ہوٹل سے کھانا کھلایا۔ شہباز خان نے پوچھا کہ تم نے ان سے دام وصول کیوں نہیں کیے تو اس نے کہا

’’کبھی کبھی خیرات بھی دے دینا چاہیے خان‘‘

یہ سُن کر شہباز خان چپ ہو گیا۔ ایک دن مینا کا بچہ کہیں سے اُڑتا اُڑتا گلگت خان کے پاس آ گرا جب کہ وہ کالج کے کسی لڑکے کے لیے ناشتہ تیار کر کے لے جا رہا تھا اُس نے ناشتے کی ٹرے کو ایک طرف رکھا اور مینا کے بچے کو جو بے حد سہما ہوا تھا پکڑ کر اُس پنجرے میں ڈال دیا جس میں اس کے مالک شہباز خان کی بٹیر ہوتی تھی۔ مینا کو اُس نے سوا مہینے تک پالا پوسا۔ خاصی موٹی ہو گئی۔ خوب چہکتی تھی۔ ایک دن اس کا ٹن ٹن آگیا۔ اس نے مینا کو دیکھا تو بے تاب ہو گیا۔ چاہتا تھا کہ کسی طرح اس تک رسائی ہو جائے اور وہ اُسے چبا ڈالے۔ گلگت خان نے جب دیکھا کہ پنجرہ اوپر کھونٹی کے ساتھ ٹنگا ہے جہاں اس کا ٹن ٹن نہیں پہنچ سکتا۔ بڑی حسرت بھری نظروں سے اُسے دیکھ رہا ہے تو اُس نے پنجرے میں سے مینا کو نکالا۔ اس کے پر نوچے۔ گردن مروڑی اور اپنے عزیز کتے کے سپرد کر دی۔ ٹن ٹن نے اس بے بال و پر پرندے کی لاش کو دو تین مرتبہ سونگھا بڑے زور کی ایک چھینک اس کے نتھوں سے باہر نکلی اور وہاں سے دوڑ گیا۔ گلگت خان کو بڑا صدمہ ہوا۔ اُسی دن اُس کو کالج کی وہ دو لڑکیاں جو باقاعدہ چائے پینے کے لیے آتی تھیں اور جن کا وہ خاص طور پر خیال رکھتا تھا آئیں۔ پہلے وہ اس سے ہنس ہنس کے باتیں کیا کرتی تھیں۔ مگر اب انھیں جانے کیا ہو گیا کہ وہ اس سے خفا خفا نظر آتی تھیں۔ ایک نے جو گلگت خان کو بہت پسند تھی اُس سے پوچھا

’’تم نے مینا کیوں ماری؟‘‘

گلگت خان ایک لحظے کے لیے بوکھلا سا گیا۔ لیکن سنبھل کر اُس نے جواب دیا

’’، خو بی بی جی۔ ام نے اپنے کتے کو ڈالا تھا‘‘

’’خو حرام تخم نے اس کو سُونگھا اور چھوڑ دیا‘‘

لڑکی نے کہا

’’تو اس کو مارنے سے کیا فائدہ ہوا۔ تم نے پہلے بھی اس کو خان صاحب کی بٹیر ذبح کر کے دی تھی۔ کیا اس نے کھائی تھی؟‘‘

گلگت خان نے بڑے فخر سے جواب دیا

’’کھائی تھی۔ اس کی ہڈیاں بھی‘‘

شہباز خان پاس کھڑا تھا۔ اُس نے جب یہ سُنا تو بڑے زور کی ایک دُھول اُس کی گردن پر جمائی

’’تخم حرام۔ تم نے اب مانا ہے۔ پہلے کیوں انکار کرتا تھا۔ ‘‘

گلگت خان خاموش رہا۔ دونوں لڑکیوں نے قہقہے لگائے۔ گلگت خان کو دھول کا اتنا خیال نہیں تھا لیکن لڑکیوں کے ان قہقہوں نے اس کے دل کو زخمی کر دیا۔ شہباز خان کو بہت غصہ تھا۔ گلگت خان کے دُھول جما کر وہ اس پر برس پڑا۔ جتنی گالیاں اُسے یاد تھیں اپنے نوکر پر صرف کر دیں۔ آخر میں اس سے کہا

’’تم اس ٹن ٹن یا چن چن سے اتنا پیار کیوں کرتا ہے۔ حرام خور۔ وہ بھی کوئی کتا ہے۔ تم سے زیادہ بد شکل ہے۔ اتنا بد شکل کہ اس کو دیکھ کر نفرت پیدا ہوتا ہے‘‘

شہباز خان سے مار کھا کر اور اُس کی غصے کی ساری باتیں سُن کر گلگت خان اوپر اپنی کوٹھری میں گیا۔ اس کے کانوں میں کالج کی دونوں لڑکیوں کے قہقہے گونج رہے تھے۔ کوٹھڑی کے ایک کونے میں اس کا ٹن ٹن لیٹا تھا۔ کچھ عجیب انداز سے ٹانگیں دیوار کے ساتھ لگائے۔ جو اس قدر ٹیڑھی تھیں کہ اور زیادہ ٹیڑھی ہو ہی نہیں سکتی تھیں۔ اس نے کچھ دیر غور کیا۔ اس کے بعد اپنا کمالی والا چاقو نکالا اور ٹن ٹن کی طرف بڑھا مگر اسے کوئی خیال آیا۔ کمانی والا چاقو بند کر کے اپنی جیب میں رکھا اور کتے کو بڑے پیار سے بُلا کر اپنے ساتھ لے گیا۔ جب گلگت خان اور ٹن ٹن ریلوے لائن کے پاس پہنچے تو گاڑی آرہی تھی۔ گلگت خان نے اپنے پیارے کتے کو حکم دیا کہ وہ پٹڑی کے عین درمیان کھڑا ہو جائے۔ اس حیوان نے اپنے آقا کے حکم کی تعمیل کی۔ گاڑی پوری رفتار سے آرہی تھی۔ ٹن ٹن پٹڑی میں کھڑا گلگت خان کی طرف دیکھ رہا تھا۔ ایسی نگاہوں سے جن سے وفاداری ٹپک رہی تھی۔ گلگت خان نے ایک نظر اپنی طرف دیکھا اس نے محسوس کیا کہ اُس کا کتا اس سے کہیں زیادہ خوش شکل ہے۔ گاڑی قریب آئی تو اس نے ٹن ٹن کو دھکا دے کر پٹڑی سے باہر گرادیا اور خود اس کی جھپٹ میں آگیا۔ اُس کا بالکل قیمہ ہو گیا۔ کتے نے گوشت کے اس ڈھیر کو سُونگھا اور زور زور سے بڑی دردناک آواز میں رونے لگا۔ سعادت حسن منٹو ۶ جون ۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

گرم سوٹ

گنڈا سنگھ نے چونکہ ایک زمانے سے اپنے کپڑے تبدیل نہیں کیے تھے۔ اس لیے پسینے کے باعث ان میں ایک عجیب قسم کی بُو پیدا ہو گئی تھی جو زیادہ شدّت اختیار کرنے پر اب گنڈا سنگھ کو کبھی کبھی اداس کردیتی تھی۔ اس کو اس بدبو نے بھی اتنا تنگ نہیں کیا تھا جتناکہ اب اس کے گرم سوٹ نے اسے تنگ کر رکھا تھا۔ اپنے کسی دوست کے کہنے پر وہ امرتسر چھوڑ کر دہلی چلا آیا تھا۔ جب اس نے امرتسر کو خیرباد کہا تو گرمیوں کا آغاز تھا، لیکن اب کے گرمی اپنے پورے جوبن پر تھی، گنڈا سنگھ کو یہ گرم سوٹ بہت ستارہا تھا۔ اس کے پاس صرف چار کپڑے تھے۔ گرم پتلون، گرم کوٹ، گرم واسکٹ اور ایک سوتی قمیض۔ یہ گرم سوٹ اسے اس لیے دہلی کی شدید گرمیوں میں پہننا پڑتا تھا کہ اس کے پاس اور کوئی کپڑا ہی نہیں تھا اور سوٹ کے ساتھ کی واسکٹ اسے اس لیے پہننا پڑتی تھی کہ اسکے پاس کوئی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں وہ اسے احتیاط یا بداحتیاطی سے رکھ سکتا۔ یوں تو وہ اس واسکٹ کو یا کوٹ ہی کو دریبہ کلاں میں اپنے دوست کی دکان میں رکھ دیتا مگر وہاں اس نے پہلے روز ہی کئی چوہے دیکھے تھے۔ دہلی آنے کے دوسرے روز چاندنی چوک میں اس نے رس گُلے کھائے تھے۔ ان کا شیرہ جابجا کوٹ اور واسکٹ پر گِر پڑا تھا۔ اگر وہ یہ دونوں چیزیں اس دکان میں رکھ دیتا تو ظاہر ہے کہ جہاں شیرہ گرا تھا چوہے کپڑا کُتر جاتے اور گنڈا سنگھ نہیں چاہتا تھا کہ یہ سوٹ جو اسے تین ستمبر1939ء یعنی اس جنگ کے ابتدائی روز ملا تھا یوں بیکار چوہوں کی نذر ہو جائے۔ اس سوٹ کے ساتھ اتفاقیہ طور پر ایک ایسا دن منسوب ہو گیا تھا جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ گنڈا سنگھ کو چنانچہ اس لیے بھی اپنا سوٹ عزیزتھا کہ امرتسر میں جب اس نے اپنا یہ تاریخی سوٹ پہنا تھا تو دربار صاحب کے آس پاس اسکے جتنے ہاتھی دانت کا کام کرنے والے دوست رہتے تھے متحیر ہو گئے تھے۔ بلبیر نے جب اسے بازار میں دیکھا تھا تو متحرک خراد کو روک کر زور سے آواز دی تھی۔

’’گنڈا سیاں گنڈا سیاں ذرا ادھر تو آ۔ یہ آج تجھے کیا ہو گیا ہے؟‘‘

گنڈا سنگھ لباس کے معاملے میں از حد بے پروا تھا بلکہ یوں کہیے کہ اپنے لباس کی طرف اس نے کبھی توجہ ہی نہ دی تھی۔ وہ پتلون اسی طرح پہنا کرتا تھا جس طرح کَچھ پہنی جاتی ہے یعنی بغیر کسی تکلف کے۔ اُس کے متعلق اُس کے دوستوں میں یہ بات عام مشہور تھی کہ اگر تن ڈھکنا ضروری نہ ہوتا تو گنڈا سنگھ بالکل ننگا رہتا۔ چھ چھ مہینے تک وہ نہاتا نہیں تھا۔ بعض اوقات اس کے پیروں پر اس قدر میل جم جاتا تھا کہ اور میل جمنے کی گنجائش ہی نہیں رہتی تھی۔ دور سے اگر آپ اسکے میلے پیروں کو دیکھتے تو یہی معلوم ہوتا کہ گنڈا سنگھ نے موزے پہن رکھے ہیں۔ گنڈا سنگھ کی غلاظت پسندی کی انتہا یہ تھی کہ وہ صبح کا ناشتہ منہ ہاتھ دھوئے بغیر کرتا تھا اور سردیوں میں ایک ایسا لحاف اوڑھ کر سوتا تھا کہ اگر کوئی اسے کوڑے پر پھینک دے تو صبح جب بھنگی کوڑا کرکٹ اٹھانے آتا تو یہ لحاف دیکھ کر اس کو بھی گِھن آجاتی، پر لطف یہ ہے کہ اس کی ان تمام غلاظتوں کے باوجود لوگ اس سے محبت کرتے تھے اور امرتسر میں تو آپ کو ایسے کئی آدمی مل جائیں گے جو اس کو محبت کی حد تک پسند کرتے ہیں۔ گنڈا سنگھ کی عمر زیادہ سے زیادہ پچیس برس ہے۔ داڑھی اور مونچھوں کے بھوسلے بال اس کے چہرے کے دو تہائی حصے پر موبل آئل میں بھیگے ہوئے چیتھڑے کی طرح پھیلے رہتے ہیں۔ پگڑی کے نیچے اسکے کیسوں کی بھی یہی حالت رہتی ہے۔ کبھی کبھی جب اس کی پنڈلیاں کپڑا اٹھ جانے کے باعث ننگی ہو جاتی ہیں تو ان پر میل کھرنڈوں کی شکل میں جا بجا نظر آتا ہے، مگر لوگ ان تمام میلی اور گندی حقیقتوں سے با خبر ہونے پر بھی گنڈا سنگھ کو اپنے پاس بٹھاتے ہیں اور اس سے کئی کئی گھنٹے باتیں کرتے ہیں۔ امرت سر چھوڑ کرجب گنڈا سنگھ اپنے گرم سوٹ سمیت دہلی آیا تو اسے غیر شعوری طور پر معلوم تھا کہ یہاں بھی خود بخود اس کے دوست پیدا ہو جائیں گے۔ اگر اسکو اپنی غلاظت پسندیوں کا احساس ہوتا تو بہت ممکن ہے یہ احساس رکاوٹ بن جاتا اور دہلی میں اس کا کوئی دوست نہ بنتا۔ چند ہی دنوں میں بظاہر کسی وجہ کے بغیر آٹھ دس آدمی گنڈا سنگھ کے دوست بن گئے اور گنڈا سنگھ کو اس بات کا مطلق احساس نہ ہوا کہ اگر یہ آٹھ دس آدمی اس کے دوست نہ بنتے تو شہر دہلی میں وہ بھوکوں مرتا۔ روٹی کے مسئلے پر دراصل گنڈا سنگھ نے کبھی غور ہی نہیں کیا تھا اور نہ اس نے کبھی یہ جاننے کی تکلیف کی تھی کہ دوسرے اس کے متعلق کیا رائے رکھتے ہیں۔ کھانا، پینا اور سونا، یہ تین چیزیں ایسی تھیں جو گنڈا سنگھ کو چلتے پھرتے کہیں نہ کہیں ضرور مل جاتی تھیں اور ایک زمانے سے چونکہ یہ چیزیں اسے بڑی باقاعدگی کے ساتھ مل رہی تھیں اس لیے ان کے متعلق وہ کبھی سوچتا ہی نہیں تھا۔ چاوڑی میں ہربنس سے ملنے گیا تو وہاں صبح کا ناشتہ مل گیا۔ ہربنس کے یہاں سے آیا تو راستے میں احمد علی نے اپنی دکان پر ٹھہرا لیا اور کہا۔

’’گنڈا سنگھ، بھئی تم خوب وقت پر آئے، میں نے دھنّا مل سے کچھ چاٹ منگوائی ہے، کھاکے جانا۔ ‘‘

احمد علی کی دکان پر چاٹ کھانے کے بعد گنڈا سنگھ کے دل میں خیال آیا کہ چلو ہیم چندر سے ملنے چلیں ہیم چندر بہت اچھا افسانہ نگار ہے اور گنڈا سنگھ کے دل میں اسکی بہت عزت ہے۔ چنانچہ جب اس سے ملاقات ہوئی تو باتوں باتوں میں دوپہر کے کھانے کا وقت آگیا۔ دعوت دینے اور دعوت قبول کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہ ہوا۔ کھانا آیا اور دونوں نے مل کر کھالیا۔ یہاں سے جب گنڈا سنگھ تمار پور کی طرف روانہ ہوا تو راستے میں باغ آگیا۔ دھوپ چونکہ بہت کراری تھی، اس لیے گنڈا سنگھ جب کچھ دیر سستانے کے لیے نکلسن باغ کے ایک بنچ پر لیٹا تو پانچ بجے تک وہیں سویا رہا۔ آنکھیں مل کر اٹھا اور آہستہ آہستہ تمار پور کا رخ کیا جہاں اسکا دوست عبدالمجید رہتا تھا۔ چھ بجے کے قریب گنڈا سنگھ عبدالمجید کے گھر پہنچا۔ وہاں جنگ کی باتیں شروع ہوئیں، چنانچہ آٹھ بج گئے۔ عبدالمجید بہت ہوشیار آدمی تھا۔ ہندوستان کے ترقی پسند لٹریچر کے بارے میں اس کی معلومات کافی وسیع تھیں مگرجنگ کے متعلق اسے کچھ معلوم نہیں تھا۔ کوشش کرنے کے باوجود وہ چین اور جاپان، جاپان اور روس، روس اور جرمنی، جرمنی اور فرانس کے جغرافیائی رشتے کو نہ سمجھ سکا تھا۔ جب کبھی وہ دنیا کا نقشہ کھول کر اپنے سامنے رکھتا تو اس کی نگاہوں میں نقشے پر پھیلے ہوئے شہر اور ملک ایسے الجھاؤ کی صورت اختیار کرلیتے جو اکثر اوقات پتنگ اڑانے کے دوران میں اس کی ڈور میں پیدا ہو جایاکرتے تھے مگر گنڈا سنگھ کو دنیا کے جغرافیہ پر کافی عبور حاصل تھا۔ ایک بار اخبار پڑھ لینے کے بعد جنگ کا صحیح نقشہ اس کے ذہن میں آجاتا تھا اور وہ بڑے سہل انداز میں لوگوں کو سمجھا سکتا تھا کہ جنگ کے میدان میں کیا ہورہا ہے۔ عبدالمجید طبعاً نفاست پسند تھا، اس کو گنڈا سنگھ کی غلاظتیں بہت کُھٹکتی تھیں مگر وہ مجبور تھا اس لیے کہ گنڈا سنگھ ہی ایک ایسا آدمی تھاجو اسے جنگ کے تازہ حالات سمجھا سکتا تھا۔ اگر عبدالمجید کوجنگی خبریں سننے اور ان پر تفصیلی بحث کرنے کی عادت نہ ہوتی جو ایک بہت بڑی کمزوری کی شکل اختیار کر چکی تھی تو وہ یقیناً اس آدمی سے کبھی ملنا پسند نہ کرتا جو کھانا کھانیکے بعد سالن سے بھرے ہوئے ہاتھ اس کے کمرے میں لٹکے ہوئے پردوں سے صاف کرتا تھا۔ ایک دفعہ عبدالمجید نے پردوں کواس کے حملے سے محفوظ رکھنے کی خاطر اپنا تولیہ آگے بڑھا دیا اور کہا۔

’’لو گنڈا سنگھ، اس سے ہاتھ صاف کرلو۔ کچھ دیر اگر ٹھہر سکو تو پانی اور صابن آرہا ہے۔ ‘‘

گنڈا سنگھ نے اس انداز سے تولیہ عبدالمجید سے لیا جیسے اس کی ضرورت ہی نہیں تھی اور ایک منٹ میں اپنا منہ ہاتھ صاف کرکے اسے ایک طرف پھینک دیا۔

’’پانی وانی کی کوئی ضرورت نہیں، ہاتھ صاف ہی تھے۔ ‘‘

عبدالمجید نے جب زہر کے گھونٹ پی کر اپنے تولیے کی طرف دیکھا تو اسے ایسا معلوم ہُوا کہ منہ ہاتھ صاف کرنے کے بجائے کسی نے اس کے ساتھ سائیکل کی چین صاف کی ہے۔ عبدالمجید کی بیوی کو گنڈا سنگھ کی یہ مکروہ عادات سخت ناپسند تھیں۔ مگر وہ بھی مجبور تھی اس لیے کہ جس روز گنڈا سنگھ نہیں آتا تھا عبدالمجید اسے اپنے پاس بٹھا کر جنگ کے تازہ حالات پر ایک طویل لیکچر دینا شروع کردیتا تھا جو اس امن پسند عورت کو طوعاً و کرہاً سارے کا سارا سننا ہی پڑتا تھا۔ گنڈا سنگھ ذہین آدمی تھا۔ ادب اور سیاست کے بارے میں اسکی معلومات اوسط آدمی سے بہت زیادہ تھیں۔ امرتسر میں اسکے اس گرم سوٹ کا سودا بھی ان معلومات کے ذریعے ہی سے ہوا تھا۔ محمد عمر ٹیلر ماسٹر کو جنگی خبریں سننے کا خبط تھا، چنانچہ گنڈا سنگھ نے جنگ کے ابتدائی حالات سنا سنا کر محمد عمر کو اس قدر مرعوب کیا کہ اس نے یہ گرم سوٹ( جو کسی گاہک نے37ء میں تیارکرایا تھا اور دو برس سے اس کے پاس بیکار پڑا تھا چونکہ اس گاہک نے پھر کبھی شکل ہی نہیں دکھائی تھی) گنڈا سنگھ کے جسم پر فٹ کردیا اور اس کے ساتھ پانچ روپے ماہوار کی چھ قسطیں مقرر کرلیں۔ ان چھ قسطوں میں سے صرف تین قسطیں گنڈا سنگھ نے ادا کی تھیں، باقی تین قسطوں کے لیے محمد عمر کئی بار تقاضا کر چکا تھا مگر ان رسمی تقاضوں کے علاوہ محمد عمر نے گنڈا سنگھ پر کبھی دباؤ نہیں ڈالا تھا۔ اس لیے کہ جنگ کے حالات دن بدن دلچسپ ہوتے جارہے تھے۔ گنڈا سنگھ نے امرتسر کیوں چھوڑا۔ ایک لمبی کہانی ہے۔ دہلی میں جو اس کے نئے دوست بنے تھے اُن کو صرف اتنا معلوم تھا کہ امرتسر میں ایک پُرانے دوست کے کہنے پر وہ یہاں چلا آیا تھا کہ ملازمت تلاش کرے۔ دہلی آکر گنڈا سنگھ ملازمت کی جستجو کرتا مگر یہ کم بخت گرم سوٹ اسے چین نہیں لینے دیتا تھا۔ اس قدر گرمی پڑ رہی تھی کہ چیل انڈا چھوڑ دے۔ کچھ دنوں سے گرمی کی انتہا ہو گئی تھی۔ لوگ سن سڑوک سے مررہے تھے۔ گنڈا سنگھ کو موت کا اتنا خیال ہی نہیں تھا جتنا کہ اُسے اُس تکلیف کا خیال تھا جو گرمی کی شدت کے باعث اسے اٹھانا پڑ رہی تھی۔ بازاروں میں دُھوپ پگھلی ہوئی اگنی کی طرح پھیلی رہتی تھی۔ لُو اس غضب کی چلتی تھی کہ منہ پر آگ کے چانٹے سے پڑتے تھے۔ لُک پھری سڑکیں توے کے مانند تپتی رہتی تھیں۔ ان سب کے اوپر فضا کی وہ گرم گرم اداسی تھی جو گنڈا سنگھ کو بہت پریشان کرتی تھی۔ اگر اس کے پاس یہ گرم سُوٹ نہ ہوتا تو الگ بات تھی، شدید گرمیوں کا یہ موسم کسی نہ کسی حیلے کٹ ہی جاتا پر اس سوٹ کی موجودگی میں جس کا رنگ اسکی بُھوسلی داڑھی سے بھی زیادہ گہرا تھا۔ اب ایک دن بھی دہلی میں رہنا اسے دشوار معلوم ہوتا تھا۔ اس سوٹ کارنگ سردیوں میں بہت خوشگوار معلوم ہوتا تھا پر اب گنڈا سنگھ کو اس سے ڈر لگتا تھا۔ سوٹ کا کپڑا بہت کھردرا تھا، کوٹ کا کالر گھسنے کے باعث باکل ریگ مار کی صورت اختیار کرگیا تھا۔ اس سے گنڈا سنگھ کو بہت تکلیف ہوتی تھی یہ گھسا ہوا کالر ہر وقت اوپر نیچے ہو کراسکی گردن کے بال مونڈتا رہتا تھا۔ ایک دو دفعہ جب غضب کی گرمی پڑی تو گنڈا سنگھ کے جی میں آئی کہ یہ گرم سوٹ اتار کر کسی ایسی جگہ پھینک دے کہ پھر اسے نظر نہ آئے مگر یہ سوٹ اگر وہ اتار دیتا تو اس کی جگہ پہنتا کیا۔ اس کے پاس تو اس سوٹ کے سوا اورکوئی کپڑا ہی نہیں تھا۔ یہ مجبوری گرمی کے احساس میں اور زیادہ اضافہ کردیتی تھی اور بے چارہ گنڈا سنگھ تلملا کے رہ جاتا تھا۔ دہلی میں اس کے چند دوستوں نے اس سے پوچھا تھا

’’بھئی گنڈا سنگھ تم یہ گرم سوٹ کیوں نہیں اتارتے کیا تمہیں گرمی نہیں لگتی؟‘‘

گنڈا سنگھ چونکہ ذہین آدمی تھا۔ اس لیے اس نے یوں جواب دیا تھا۔

’’گرم کپڑا گرمی کی شدت کو روکتا ہے اسی لیے میں یہ گرم سوٹ پہنتا ہُوں۔ سن اسٹروک کا اثر ہمیشہ گردن کے نچلے حصہ پر پڑتا ہے جہاں حرام مغز ہوتا ہے۔ اگرجسم کے اس حصے پر گرم کپڑے کی ایک موٹی سی تہہ جمی رہے تو سورج کے اس حملے کا بالکل خدشہ نہیں رہتا۔ افریقہ کے تپتے ہوئے صحراؤں میں انگریز وغیرہ سولر ہیٹ کے پچھلے حصے کے ساتھ ایک کپڑا لٹکا دیتے ہیں کہ لُو سے بچے رہیں۔ عرب میں سر کے لیے ایک خاص پہناوا مروج ہے۔ ایک بڑا سا رومال ہوتا ہے جو گردن کو ڈھانپے رہتا ہے۔ ہندوستان کے ان حصوں میں جہاں شدید گرمی پڑتی ہے پگڑی کا استعمال اب تک چلا آرہا ہے۔ شملہ چھوڑنے کا دراصل مطلب یہی تھا کہ گردن لُو سے محفوظ رہے۔ مگر اب لوگوں نے شملہ چھوڑنا قریب قریب ترک کردیا ہے اس لیے کہ اسے فصول سمجھا گیا ہے۔ اور بغیر شملہ چھوڑے پگڑی باندھنا جدید فیشن بن گیا ہے۔ میں خود اس فیشن کا شکار ہُوں۔ ‘‘

یہ فاضلانہ جواب سُن کر اس کے دوست بہت مرعوب ہُوئے تھے، چنانچہ پھر کبھی انھوں نے گنڈا سنگھ سے اس کے سوٹ کے بارے میں استفسار نہ کیا تھا۔ گنڈا سنگھ جس کو اپنی معلومات کا مظاہرہ کرنیکا شوق تھا اس وقت یہ جواب دے کر بہت مسرور ہوا تھا مگر یہ مسرت فوراً ہی اس سوٹ کی تکلیف دہ گرمی نے غائب کردی تھی۔ عبدالمجید تمار پور یعنی شہر کے مضافات میں رہتا تھا جہاں کھلی فضا میسر آسکتی ہے۔ ایک رات جب تازہ جنگی حالات پر تبصرہ کرتے کرتے دیر ہو گئی تو عبدالمجید نے گنڈا سنگھ کے لیے برآمدے کے باہر ایک چارپائی بچھوا دی۔ کوٹ اور واسکٹ اتار کر وہ پتلون سمیت اس چارپائی پر صبح چھ بجے تک سویا رہا۔ رات بڑے آرام میں کٹی۔ کھلی فضا تھی اس لیے ساری رات خُنک ہوا کے جھونکے آتے رہے۔ گنڈا سنگھ کو یہ جگہ پسند آئی چنانچہ اس نے شام کو دیر سے آنا شروع کردیا۔ عبدالمجید کی بیوی نے دس بارہ روز تک گنڈا سنگھ کا وہاں سونا برداشت کیا۔ لیکن اس کے بعد اُس سے رہا نہ گیا۔ عبدالمجید سے اُس نے صاف صاف کہہ دیا۔

’’اصغر کے ابا۔ اب پانی سر سے گُزر چکا ہے۔ میں اس موئے گنڈا سنگھ کا آنا یہاں بالکل پسند نہیں کرتی۔ مکان ہے یا سرائے ہے؟۔ یعنی وہ عین کھانے کے وقت آجاتا ہے، ادھر ادھر کی باتیں آپ سے کرتا ہے اور چارپائی بچھوا کر سو جاتا ہے۔ میں اُس کی غلاظتیں برداشت کرسکتی ہوں مگر اس کا یہاں سونا بالکل برداشت نہیں کرسکتی۔ سنا آپ نے۔ اگر کل وہ یہاں آیا تو میں خود اس سے کہہ دونگی کہ سردار صاحب، جنگ کے متعلق آپ باتیں کرنا چاہتے ہیں، شوق سے کیجیے، کھانا حاضر ہے، تولیے، دروازوں کے پردے، گدیوں کے غلاف، یہ تمام چیزیں بڑے شوق سے منہ پونچھنے کے لیے استعمال کیجیے مگررات کو آپ یہاں ہرگز نہیں سو سکتے۔ اصغر کے ابا، میں خدا کی قسم کھا کے کہتی ہوں میں بہت تنگ آگئی ہُوں۔ ‘‘

عبدالمجید کو خود گنڈا سنگھ کا وہاں سونا بُرا معلوم ہوتا تھا اس لیے کہ اس کی بیوی پرلی طرف آنگن میں اکیلی پڑی رہتی تھی مگر وہ کیا کرتا جبکہ جنگ کی دلچسپ باتیں کرتے کرتے دیر ہو جاتی تھی اور گنڈا سنگھ بغیر کسی تکلیف کے جیسے کہ اس کا روزانہ کا معمول ہو۔ اس سے کہہ دیتا تھا۔

’’بھائی عبدالمجید اب تم سو جاؤ۔ صبح اٹھ کر تازہ اخبار دیکھیں گے تو نئے حالات کا کچھ پتہ چلے گا۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ برآمدے میں سے چارپائی نکالتا اور باہر بچھا کر سوجاتا۔ جب عبدالمجید کی بیوی اس پر بہت برسی تو اس نے کہا۔

’’جانِ من، میں خود حیران ہُوں کہ اس کو کس طرح منع کروں۔ یہاں دہلی میں اسکا کوئی ٹھور ٹھکانہ نہیں۔ مجھے تو اب اس بات کا خوف لاحق ہورہا ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے میرے مکان کو اپنا اڈا بنا لے گا۔ آدمی بے حد اچھا ہے، یعنی لائق ہے، ذہین ہے پر۔ کوئی ایسی ترکیب سوچو کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹُوٹے۔ ‘‘

یہ سن کر عبدالمجید کی بیوی نے کہا۔

’’تو یہ ترکیب تم ہی سوچو۔ میں تو صاف گو ہوں، اگر مجھ سے کہو گے تو میں کھلے لفظوں میں اس سے کہہ دوں گی کہ تمہارا یہاں رہنا مجھے بہت ناگوار معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘

عبدالمجید نے اسی وقت تہیہ کرلیا کہ وہ گنڈا سنگھ سے اپنی مشکلات اور مجبوریاں صاف لفظوں میں بیان کردے گا۔ چنانچہ جب شام کو گنڈا سنگھ آیا تو جنگ کے تازہ حالات پر بحث شروع کرنے کے بجائے عبدالمجید نے اس سے کہا۔

’’گنڈا سنگھ میں تم سے ایک بات کہوں۔ بُرا تو نہیں مانو گے۔ ‘‘

گنڈا سنگھ نے ہمہ تن گوش ہو کر جواب دیا۔

’’بُرا ماننے کی بات ہی کیا ہے۔ آپ کہیے۔ ‘‘

اس پر عبدالمجید نے ایک مختصر سی رسمی تمہید شروع کی، پھر اس کے آخر میں کہا۔

’’۔ بات یہ ہے کہ سردیوں میں ایک سے زیادہ آدمیوں کی رہائش کا انتظام کیا جاسکتا ہے اس لیے کہ اس موسم میں گنجائش نکل آتی ہے مگر ان گرمیوں میں بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ مردوں کو اتنی نہیں ہوتی جتنی کہ مستورات کو ہوتی ہے تم خود سمجھ سکتے ہو۔ ‘‘

گنڈا سنگھ مطلب سمجھ گیا چنانچہ اس نے پہلی مرتبہ اپنی تکلیفیں بیان کرنا شروع کیں۔ بھائی عبدالمجید میں تمہاری مہربانیوں کا بہت شکر گزار ہوں۔ رات کاٹنے کے لیے یوں تو مجھے بہت جگہیں مل سکتی ہیں مگر مصیبت یہ ہے کہ ایسی کھلی ہوا کہیں نہیں ملتی۔ سارا دن اس گرم سوٹ میں پگھلتا رہتا ہوں۔ چند راتیں جو میں نے تمہارے یہاں بسر کی ہیں، میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ مجھے تمہاری مجبوریوں اور تکلیفوں کا احساس اب ہُوا ہے اس لیے کہ جو آرام مجھے یہاں رات کو ملتا تھا اس قدر خوشگوار تھا کہ میں نے دوسرے پہلو پر کبھی غور ہی نہ کیا۔ تم میرے دوست ہو کوئی ایسی ترکیب نگا لوکہ اس گرم سوٹ سے مجھے نجات مل جائے، اس طور پر کہ یہ گرم سوٹ بھی میرے پاس رہے اور گرمیوں کا موسم بھی کٹ جائے۔ کیونکہ دو تین مہینے کے بعد پھر سردیاں آنے والی ہیں اور مجھے پھر اس سوٹ کی ضرورت ہو گی۔ سچ پوچھو تو اب میں دیوانگی کی حد تک اس سوٹ کی گرمی سے بیزار ہو گیا ہوں۔ تم خود سمجھتے ہو!‘‘

عبدالمجید سب سمجھ گیا، گنڈا سنگھ رخصت ہوا تو عبدالمجید نے اپنی بیوی سے بات چیت کی۔ دونوں دیر تک اس مسئلے پر گفتگو کرتے رہے۔ آخر میں اس کی بیوی نے کہا۔

’’صرف ایک بات میرے ذہن میں آئی ہے اور وہ یہ ہے کہ گنڈا سنگھ کو کسی ایسی جگہ بھیج دیا جائے جہاں گرمی نہ ہو۔ ‘‘

یہ سن کر عبدالمجید نے کہا۔

’’ٹھیک ہے پر اس کے لیے رقم کی ضرورت ہے، اگر میرے پاس فالتو روپے ہوتے تو کیا میں نے اسے ٹھنڈے کپڑے نہ بنوا دیئے ہوتے۔ ‘‘

اس پر عبدالمجید کی بیوی نے کہا۔

’’تم پوری بات تو سن لیا کرو۔ میں نے یہ سوچا ہے کہ اسے شملہ بھیج دیا جائے۔ میرا بھائی نصیر کل آنے والا ہے۔ اس سے کہہ دیں گے وہ گنڈا سنگھ کو بغیر ٹکٹ کے وہاں پہنچا دے گا۔ ایک دوبار وہ تمہیں بھی تو شملہ لے گیا تھا۔ ‘‘

عبدالمجید یہ بات سُن کر اس قدر خوش ہُوا کہ اس نے اپنی بیوی کا منہ چُوم لیا۔

’’بھئی کیا ترکیب سوچی ہے۔ یعنی سوٹ گنڈا سنگھ کے جسم پر ہی رہے گا اور وہ شملے پہنچ جائے گا۔ اس سے بہتر اور کیا چیز ہو سکتی ہے۔ ‘‘

دوسرے روز شام کو گنڈا سنگھ آیا تو عبدالمجید نے شملہ جانے کی رائے پیش کی۔ یہ سن کر وہ بہت خوش ہُوا۔ اس نے قطعاً نہ سوچا کہ شملے جا کر وہ بغیر روپے پیسے کے کس طرح گزارہ کرے گا۔ دراصل ایسی باتوں پر اس نے کبھی غورہی نہیں کیا تھا۔ تیسرے دن نصیر نے گنڈا سنگھ کو گاڑی میں سوار کردیا اور گارڈ سے جو اس کا دوست تھا کہہ دیا تھا کہ وہ اسے بحفاظت تمام شملے پہنچا دے۔

سعادت حسن منٹو

قیمے کی بجائے بوٹیاں

ڈاکٹر سعید میرا ہمسایہ تھا۔ اس کا مکان میرے مکان سے زیادہ سے زیادہ دو سو گز کے فاصلے پر ہو گا۔ اس کی گراؤنڈ فلور پر اس کا مطب تھا۔ میں کبھی کبھی وہاں چلا جاتا۔ ایک دو گھنٹے کی تفریح ہو جاتی۔ بڑا بذلہ سنج ٗ ادب شناس اور وضعدار آدمی تھا۔ رہنے والا بنگلور کا تھا۔ مگر گھر میں بڑی شُستہ و رفتہ اردو میں گفتگو کرتا تھا۔ اس نے اردو کے قریب قریب تمام بڑے شعرا کا مطالعہ کچھ ایسے ہی انہماک سے کیا تھا کہ جس طرح اس نے ایم بی بی ایس کورس کی جملہ کتابوں کا۔ میں کئی دفعہ سوچتا کہ ڈاکٹر سعید کو ڈاکٹر بننے کی بجائے کسی بھی مضمون میں ایم اے ایچ پی کی ڈگری حاصل کرنی چاہیے تھی۔ اس لیے کہ اس کی افتاد طبع کے لیے یہ نہایت موزوں و مناسب ہوتی۔ چنانچہ میں نے ایک روز اس سے کہا:

’’ڈاکٹر صاحب! آپ نے یہ پروفیشن کیوں اختیار کیا؟‘‘

’’کیوں‘‘

میں نے ان سے کہا:

’’آپ اردو ٗ فارسی زبان کے بڑے اچھے پروفیسر ہوتے۔ بڑے ہر دلعزیز۔ طالب علم آپ کے گرویدہ ہوتے۔ ‘‘

وہ مُسکرایا:

’’ایک ہی بات ہوتی۔ نہیں۔ زمین و آسمان کا فرق ہوتا میں یہاں اپنے مطب میں بڑے اطمینان سے بیٹھا ہر روز کم از کم سو سوا سو روپے بنا لیتا ہوں۔ اگر میں نے کوئی دوسرا پیشہ اختیار کیا ہوتا تو مجھے کیا ملتا۔ زیادہ سے زیادہ چھ سات سو روپے ماہوار۔ ‘‘

میں نے ڈاکٹر سے کہا :

’’بڑی معقول آمدنی ہے۔ ‘‘

’’آپ اسے معقول کہتے ہیں۔ سو روپے کے قریب تو میرا اپنا جیب خرچ ہے۔ آپ جانتے ہی ہیں۔ کہ میں شراب پینے کا عادی ہوں ٗ اور وہ بھی ہر روز۔ قریب قریب پچھتر روپے تو اس پر اٹھ جاتے ہیں۔ پھر سگریٹ ہیں۔ دوست یاروں کی تواضع ہے۔ یہ سب خرچ کیا ایک لیکچرر ٗ پروفیسر ٗ ریڈر یا پرنسپل کی تنخواہ پورا کرسکتی ہے؟‘‘

میں قائل ہو گیا۔

’’جی نہیں۔ آپ ڈاکٹر نہ ہوتے۔ ادیب ہوتے ٗ مصور ہوتے۔ ‘‘

میری بات کاٹ کر انہوں نے ایک چھوٹا سا قہقہہ لگا کر کہا:

’’اور فاقہ کشی کرتا‘‘

میں بھی ہنس پڑا۔ ڈاکٹر سعید کے اخراجات واقعی بہت زیادہ تھے ٗاس لیے کہ وہ کنجوس نہیں تھا۔ اس کے علاوہ اسے اپنے مطب سے فارغ ہو کر فرصت کے اوقات میں دوست یاروں کی محفل جمانے میں ایک خاص قسم کی مسرت حاصل ہوتی تھی۔ شادی شُدہ تھا۔ اس کی بیوی بنگلور ہی کی تھی جس کے بطن سے دو بچے تھے۔ ایک لڑکی اور ایک لڑکا۔ اس کی بیوی اردو زبان سے قطعاً نا آشنا تھی ٗ اس لیے اسے تنہائی کی زندگی بسر کرنا پڑتی تھی۔ کبھی کبھی چھوٹی لڑکی آتی اور اپنی ماں کا پیغام ڈاکٹر کے کان میں ہولے سے پہنچا دیتی اور پھر دوڑتی ہوئی مطب سے باہر نکل جاتی۔ تھوڑی ہی دیر میں ڈاکٹر سے میرا دوستانہ ہو گیا۔ بڑا بے تکلف قسم کا۔ اس نے مجھے اپنی گزشتہ زندگی کے تمام حالات و واقعات سنائے۔ مگر وہ اتنے دلچسپ نہیں کہ ان کا تذکرہ کیا جائے۔ اب میں نے باقاعدگی کے ساتھ ان کے ہاں جانا شروع کر دیا۔ میں بھی چونکہ بوتل کا رسیا تھا۔ اس لیے ہم دونوں میں گاڑھی چھننے لگی۔ ایک دو ماہ کے بعد میں نے محسوس کیا۔ کہ ڈاکٹر سعید الجھا سا رہتا ہے۔ اپنے کام سے اس کی دلچسپی دن بدن کم ہو رہی ہے۔ پہلے تو میں اسے ٹٹولتا رہا ٗ آخر میں نے صاف لفظوں میں اس سے پوچھا:

’’یار سعید۔ تم آج کئی دن سے کھوئے کھوئے سے کیوں رہتے ہو‘‘

ڈاکٹر سعید کے ہونٹوں پر پھیکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی :

’’نہیں تو۔ ‘‘

’’نہیں تو کیا۔ میں اتنا گدھا تو نہیں کہ پہچان بھی نہ سکوں کہ تم کسی ذہنی اُلجھن میں گرفتار ہو۔ ‘‘

ڈاکٹر سعید نے اپنا وسکی کا گلاس اُٹھایا اور ہونٹوں تک لے جا کر کہا :

’’محض تمہارا واہمہ ہے۔ یا تم اپنی نفسیات شناسی کا مجھ پر رعب گانٹھنا چاہتے ہو۔ ‘‘

میں نے ہتھیار ڈال دیے۔ حالانکہ اس کا لب و لہجہ صاف بتا رہا تھا کہ اس کے دل کا چور پکڑا جا چکا ہے۔ مگر اسے اپنی شکست کے اعتراف کا حوصلہ نہیں۔ بہت دن گزر گئے۔ اب وہ کئی کئی گھنٹے اپنے مطب سے غیر حاضر رہنے لگا۔ یہ جاننے کے لیے کہ وہ کہاں جاتا ہے، کیا کرتا ہے، اس کی ذہنی پریشانی کا باعث کیا ہے ٗ میرے دل و دماغ میں بڑی کھد بد ہو رہی تھی۔ اب اتفاقاً اگر اس سے ملاقات ہوتی تو میرا بے اختیار جی چاہتا کہ اس سے ایک بار پھر وہ سوالات کروں جن کے ٹل جواب سے میری ذہنی اُلجھن دور ہو اور ڈاکٹر سعید کے عقب میں جو کچھ بھی تھا، اس کی صحیح تصویر میری آنکھوں کے سامنے آ جائے۔ مگر ایسا کوئی تخلیے کا موقع نہ ملا۔ ایک دن شام کو جب میں اس کے مطب میں داخل ہوا۔ تو اس کے نوکر نے مجھے روکا

’’صاحب: ابھی اندر نہ جائیے۔ ڈاکٹر صاحب ایک مریض کو دیکھ رہے ہیں۔ ‘‘

’’تو دیکھا کریں۔ ‘‘

نوکر نے مؤدبانہ عرض کی :

’’صاحب۔ وہ۔ وہ۔ میرا مطلب ہے۔ کہ مریض ٗ عورت ہے۔ ‘‘

’’اوہ۔ کب تک فارغ ہو جائیں گے۔ اس کے متعلق تمہیں کچھ معلوم ہے؟‘‘

نوکر نے جواب دیا :

’’جی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ تقریباً ایک گھنٹے سے وہ بیگم صاحبہ کو دیکھ رہے ہیں۔ ‘‘

میں تھوڑے توقف کے بعد مُسکرایا۔

’’تو مرض کوئی خاص معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘

اور یہ کہہ کر میں نے غیر ارادی طور پر ڈاکٹر سعید کے کمرہ ءِ تشخیص کا دروازہ کھول دیا۔ اور اندر داخل ہو گیا۔ کیا دیکھتا ہوں۔ کہ سعید ایک ادھیڑ عمر کی عورت کے ساتھ بیٹھا ہے ٗ تپائی پر بیئر کی بوتل اور دو گلاس رکھے ہیں ٗ اور دونوں محو گفتگو ہیں ٗ سعید اور وہ محترمہ مجھے دیکھ کر چونک پڑے۔ میں نے ازرہِ تکلف ان سے معذرت طلب کی ٗ اور باہر نکلنے ہی والا تھا کہ سعید پکارا :

’’کہاں چلے۔ بیٹھو۔ ‘‘

میں نے سعید سے کہا:

’’میری موجودگی شاید آپ کی گفتگو میں مخل ہو‘‘

سعید نے اُٹھ کر مجھے کاندھوں سے پکڑ کر ایک کرسی پر بٹھا دیا۔

’’ہٹاؤ یار اس تکلف کو۔ ‘‘

پھر اس نے ایک خالی گلاس میں میرے لیے بیئر انڈیلی اور اسے میرے سامنے رکھ دیا:

’’لو ٗ پیو۔ ‘‘

میں نے دو گھونٹ بھرے تو سعید نے اس ادھیڑ عمر کی عورت سے جو لباس اور زیوروں سے کافی مالدار معلوم ہوتی تھی۔ تعارف کرایا۔

’’سلمےٰ رحمانی۔ اور یہ میرے عزیز دوست سعادت حسن منٹو۔ ‘‘

سلمےٰ رحمانی چند ساعتوں کے لیے مجھے بڑے غور اور تعجب سے دیکھتی رہی۔

’’سعید۔ کیا واقعی یہ سعادت حسن منٹو ہیں۔ جن کے افسانوں کے سارے مجموعے میں بڑے غور سے ایک نہیں ٗ دو دو ٗ تین تین مرتبہ پڑھ چکی ہوں۔ ‘‘

ڈاکٹر سعید نے اپنا گلاس اٹھایا۔

’’ہاں ٗ وہی ہیں۔ میں نے کئی مرتبہ خیال کیا کہ اس سے تمہارا غائبانہ تعارف کرا دوں۔ پر میں نے سوچا تم اس نام سے یقیناًواقف ہو گی۔ شیطان کو کون نہیں جانتا۔ ‘‘

سلمےٰ رحمانی یہ سن کر پیٹ بھر کے ہنسی۔ اور اس کا پیٹ عام پیٹوں کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی بڑا تھا۔ اس کے بعد مس سلمےٰ رحمانی سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ پڑھی لکھی عورت تھی۔ بڑے اچھے گھرانے سے متعلق تھی۔ تفتیش کیے بغیر مجھے اس کے متعلق چند معلومات حاصل ہو گئیں کہ وہ تین خاوندوں سے طلاق لے چکی ہے۔ صاحبِ اولاد ہے۔ جہاں رہتی ہے۔ اس گھر میں دو چھوٹے چھوٹے کمرے اور ایک غسل خانہ ہے ٗ وہاں اکیلی رہتی ہے۔ غیر منقولہ جائیداد سے اس کی آمدن چار پانچ سو روپے ماہوار کے قریب ہے۔ ہیرے کی انگوٹھیاں پہنتی ہے۔ ان انگوٹھیوں میں سے ایک میں نے دوسرے روز شام کو سعید کی انگلی میں دیکھی۔ تیسرے روز کو ڈاکٹر سعید کے مطب میں سلمےٰ رحمانی موجود تھی۔ دونوں بہت خوش تھے اور چہچہا رہے تھے۔ میں بھی ان کی بیئر نوشی میں شریک ہو گیا۔ پچھلے ایک ہفتے سے میں دیکھ رہا تھا کہ ڈاکٹر سعید کے کمرہ ءِ تشخیص سے کچھ دُور جو کمرے خالی پڑے رہتے ہیں ٗ ان کی بڑی توجہ سے مرمت کرائی جارہی ہے۔ ان کو سجایا بنایا جارہا ہے۔ فرنیچر جب لایا گیا تو وہی تھا جو میں نے سلمےٰ رحمانی کے گھر دیکھا تھا۔ اتوار کو ڈاکٹر سعید کی چھٹی کا دن ہوتا ہے۔ کواڑ بند رہتے تاکہ اس کو تنگ نہ کیا جائے۔ مجھے تو وہاں ہر وقت آنے جانے کی اجازت تھی۔ ایک اور چور دروازہ تھا۔ اس کے ذریعے میں اندر پہنچا۔ اور سیدھا ان دو کمروں کا رخ کیا جن کی مرمت کرائی گئی تھی۔ دروازہ کھلا تھا۔ میں اندر داخل ہوا تو حسب توقع ڈاکٹر سعید کی بغل میں سلمےٰ رحمانی بیٹھی تھی۔ سعید نے مجھ سے کہا:

’’میری بیوی سلمےٰ رحمانی سے ملو۔ ‘‘

مجھے اس عورت سے کیا ملنا تھا۔ سینکڑوں بار مل چکا تھا۔ لیکن اگر کسی عورت کی شادی ہو تو اس کو کن الفاظ میں مبارکباد دینی چاہیے۔ اس کے بارے میں میری معلومات صفر کے برابر تھیں۔ سمجھ میں نہ آیا کہ کیا کہوں۔ لیکن کہنا بھی کچھ ضرور تھا۔ اس لیے جو منہ میں آیا ٗ باہر نکال دیا :

’’تو آخر اس ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ ‘‘

میاں بیوی دونوں ہنسے۔ سعید نے مجھے بیٹھنے کو کہا۔ بیئر پیش کی اور ہم شادی کے علاوہ دنیا کے ہر موضوع پر دیر تک گفتگو کرتے رہے۔ میں شام پانچ بجے آیا تھا۔ گھڑی دیکھی تو نو بجنے والے تھے۔ میں نے سعید سے کہا:

’’لو بھئی۔ میں چلا۔ باتوں باتوں میں اتنی دیر ہو گئی ہے ٗ اس کا مجھے علم نہیں تھا۔ ‘‘

سعید کے بجائے سلمےٰ رحمانی۔ معاف کیجیے گا ٗ سلمےٰ سعید مجھ سے مخاطب ہوئیں :

’’نہیں ٗ آپ نہیں جاسکتے۔ کھانا تیار ہے۔ اگر آپ کہیں تو لگوا دیا جائے۔ ‘‘

خیر ٗ سعید اور اس کی نئی بیوی کے پیہم اصرار پر مجھے کھانا ٗ کھانا پڑا۔ جو بہت خوش ذائقہ اور لذیذ تھا۔ دو برس تک ان کی زندگی بڑی ہموار گزرتی رہی۔ ایک دن میں ناسازئ طبیعت کے باعث بستر ہی میں لیٹا تھا کہ نوکر نے اطلاع دی :

’’ڈاکٹر سعید صاحب تشریف لائے ہیں۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’اندر۔ جاؤ‘ ان کو اندر بھیج دو۔ ‘‘

سعید آیا تو میں نے محسوس کیا وہ بہت مضطرب اور پریشان ہے۔ اس نے مجھے کچھ پوچھنے کی زحمت نہ دی اور اپنے آپ بتا دیا کہ سلمےٰ سے اس کی ناچاقی شروع ہو گئی ہے ٗ اس لیے کہ وہ خود سر عورت ہے ٗ کسی کو خاطر ہی میں نہیں لاتی۔ میں نے صرف اس لیے اس سے شادی کر لی تھی کہ وہ اکیلی تھی۔ اس کے عزیز و اقربا اسے پوچھتے ہی نہیں تھے جب وہ بیمار ہوئی۔ اور یہ کوئی معمولی بیماری نہیں تھی۔ ڈپتھریا تھا جسے خناق کہتے ہیں۔ تو میں نے اپنا تمام کام چھوڑ کر اس کا علاج کیا اور خدا کے فضل و کرم سے وہ تندرست ہو گئی۔ پر اب وہ ان تمام باتوں کو پسِ پشت ڈال کر مجھ سے کچھ اس قسم کا سلوک کرتی ہے جو بے حد ناروا ہے۔ ‘‘

تو آغاز کا انجام شروع ہو گیا تھا۔ چونکہ ڈاکٹر سعید کا گھر میرے گھر کے بالکل پاس تھا ٗ اس لیے ان کی لڑائیوں کی اطلاعات ہمیں مختلف ذریعوں سے پہنچتی رہتی تھیں۔ سلمےٰ کے ساتھ دو نوکرانیاں تھیں ٗ بڑی تیز طرار اور ہٹی کٹی۔ ان دونوں کے شوہر تھے۔ وہ ایک طرح اس کے ملازم تھے۔ اس کے اشارے پر جان دے دینے والے۔ اور ڈاکٹر سعید بڑا نحیف اور مختصر مرد۔ ایک دن معلوم ہوا کہ ڈاکٹر سعید اور سلمےٰ نے پی رکھی تھی کہ آپس میں دونوں کی چخ چخ ہو گئی۔ ڈاکٹر نے معلوم نہیں نشے میں کیا کہا کہ سلمےٰ آگ بگولا ہو گئی۔ اس نے اپنی دونوں نوکرانیوں کو آواز دی۔ وہ دوڑی دوڑی اندر آئیں۔ سلمےٰ نے ان کو حکم دیا کہ ڈاکٹر کی اچھی طرح مرمت کر دی جائے ٗ ایسی مرمت کہ ساری عمر یاد رکھے۔ یہ حکم ملنا تھا۔ کہ ڈاکٹر سعید کی مرمت شروع ہو گئی۔ ان دونوں نوکرانیوں نے اپنے شوہروں کو بھی اس سلسلے میں شامل کر لیا۔ لاٹھیوں ٗ گھونسوں اور دوسرے تھرڈ ڈگری طریقوں سے اسے خُوب مارا پیٹا گیا کہ اس کا کچومر نکل گیا۔ افتاں و خیزاں بھاگا وہاں سے ٗ اور اوپر اپنی پرانی بیوی کے پاس پہنچ گیا جس نے مستعد نرس کی طرح اس کی خدمت شروع کر دی۔ اس کے بعد یہ ہوا کہ اس نے ان دو کمروں کا رخ قریب قریب دو ماہ تک نہ کیا۔ اب وہ سلمےٰ سے کسی قسم کا رشتہ قائم نہیں کرنا چاہتا تھا۔ ہو گیا۔ سو ہو گیا۔ اب اس کو اپنے گھر سے بہت زیادہ دلچسپی پیدا ہو گئی تھی۔ لیکن کبھی کبھی اسے یہ محسوس ہوتا کہ یہ عورت جس سے میں نے شادی کا ڈھونگ رچایا تھا۔ کیوں ابھی تک اس کے سر پر مسلط ہے۔ اس کے گھر سے چلی کیوں نہیں جاتی۔ مگر اس سے بات نہیں کرنا چاہتا تھا۔ ایک دو ماہ اور گزر گئے۔ اس دوران ڈاکٹر سعید کو معلوم ہوا کہ اس کا یوپی کے تاجر سے معاشقہ چل رہا ہے۔ یہ شخص صرف نام ہی کا تاجر تھا۔ اس کے پاس کوئی دولت نہیں تھی۔ صرف ایک مکان تھا۔ جو اس نے ہجرت کرنے کے بعد اپنے نام الاٹ کرا لیا تھا۔ دونوں ہر روز شام کو میرے یہاں آتے۔ شعر و شراب کی محفلیں جمتیں۔ اور میرے سینے پر مونگ دلتی رہتیں۔ ایک دن اس سے یہ کہے بغیر نہ رہا جاسکا۔ میں نے ذرا سخت لہجے میں اس سے کہا۔

’’اوّل تو تم نے یہ غلطی کی۔ کہ سلمےٰ سے شادی کی۔ دوسری غلطی تم یہ کر رہے ہو کہ اسے اپنے گھر سے باہر نہیں کرتے۔ کیا یہ اس کے باپ کا گھر ہے؟‘‘

ڈاکٹر سعید کی گردن شرمساری کے باعث جھک گئی۔

’’یار! چھوڑو اس قصّے کو۔ ‘‘

’’قصّے کو تو تم اور میں دونوں چھوڑنے کیلیے تیار ہیں۔ لیکن یہ قصّہ ہی تمہیں نہیں چھوڑتا۔ اور نہ چھوڑے گا۔ جبکہ تم کوئی بھی مردانہ وار کوشش نہیں کرتے۔ ‘‘

وہ خاموش رہا۔ میں نے اس پر ایک گولہ اور پھینکا

’’سچ پوچھو تو سعید۔ تم نامرد ہو۔ میں تمہاری جگہ ہوتا تو محترمہ کا قیمہ بنا ڈالتا۔ اصل میں تم ضرورت سے زیادہ ہی شریف ہو۔ ‘‘

سعید نے نقاہت بھری آواز میں صرف اتنا کہا:

’’میں بہت خطرناک مجرم بھی بن سکتا ہوں۔ تم نہیں جانتے‘‘

میں نے طنزاً کہا:

’’سب جانتا ہوں۔ اس سے اتنی مار کھائی۔ اتنے ذلیل ہوئے۔ میں صرف اتنا پوچھتا ہوں کہ محترمہ تمہارے گھر سے جاتی کیوں نہیں۔ ؟ اس پر اس کا اب کیا حق ہے؟‘‘

سعید نے جواب دیا:

’’وہ چلی گئی ہے۔ اور اس کا سامان بھی۔ بلکہ میرا سامان بھی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ ‘‘

میں بہت خوش ہوا:

’’لعنت بھیجو اپنے سامان پر۔ چلی گئی ہے۔ بس ٹھیک ہے تم خوش تمہارا خدا خوش۔ چلو اسی خوشی میں وہ بیئر کی یخ بستہ بوتلیں پئیں۔ جو میں اپنے ساتھ لایا ہوں۔ اس کے بعد کھانا کسی ہوٹل میں کھائیں گے۔ ‘‘

سلمےٰ کے جانے کے بعد ڈاکٹر سعید کم از کم ایک ماہ تک کھویا کھویا سا رہا۔ اس کے بعد وہ اپنی نارمل حالت میں آگیا۔ ہر شام اس سے ملاقات ہوتی۔ گھنٹو ں اِدھر اُدھر کی باتیں کرتے اور ہنسی مذاق کرتے رہتے۔ کچھ دنوں سے میری طبیعت موسم کی تبدیلی کے باعث بہت مضمحل تھی۔ بستر میں لیٹا تھا کہ ڈاکٹر سعید کا ملازم آیا۔ اس نے مجھ سے کہا کہ ڈاکٹر صاحب آپ کو یاد کرتے ہیں اور بُلا رہے ہیں۔ ایک ضروری کام ہے۔ میرا جی تو نہیں چاہتا تھا۔ کہ بستر سے اُٹھوں۔ مگر سعید کو نااُمید نہیں کرنا چاہتا تھا‘ اس لیے شیروانی پہن کر اس کے یہاں پہنچا۔ مکان کے باہر دیکھا۔ کہ چار دیگیں چڑھی ہیں۔ قصائی دھڑا دھڑ بوٹیاں کاٹ کاٹ کر صف کے ایک ٹکڑے پر پھینکے چلا جارہا ہے۔ آس پاس کے کئی آدمی جمع تھے۔ میں سمجھا شاید کوئی نذر نیاز دی جا رہی ہے۔ میں نے گوشت کا وہ بڑا سا لوتھڑا دیکھا۔ جس پر کلہاڑی چلائی جارہی تھی۔ اس کے ساتھ دو بانہیں تھیں۔ ! بالکل انسانوں کی مانند۔ ! میں نے پھر غور سے دیکھا۔ قطعی طور پر انسانی بانہیں تھیں۔ سمجھ میں نہ آیا۔ یہ قصہ کیا ہے قصائی کی چھری اور کلہاڑی چل رہی تھی۔ چار دیگوں میں پیاز سرخ کی جارہی تھی۔ اور میرا دل۔ دماغ ان دونوں کے درمیان پھنستا اور دھنستا چلا جارہا تھا۔ کہ ڈاکٹر سعید نمودار ہوا۔ مجھے دیکھتے ہی پکارا:

’’آئیے۔ آئیے۔ آپ کے کہنے کے مطابق قیمہ تو نہ بن سکا۔ مگریہ بوٹیاں تیار کرالی گئی ہیں۔ ابھی اچھی طرح بھونی نہیں گئیں۔ ورنہ میں آپ کو ایک بوٹی پیش کرتا۔ یہ معلوم کرنے کے لیے کہ مرچ مصالحہ ٹھیک ہے یا نہیں!‘‘

یہ سن کر پہلے مجھے متلی آئی۔ اور پھر میں بے ہوش ہو گیا۔

سعادت حسن منٹو

قرض کی پیتے تھے۔

ایک جگہ محفل جمی تھی۔ مرزا غالب وہاں سے اُکتا کر اُٹھے۔ باہر ہوا دار موجود تھا۔ اس میں بیٹھے اور اپنے گھر کا رخ کیا۔ ہوادارسے اتر کر جب دیوان خانے میں داخل ہوئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ متھر ا داس مہاجن بیٹھا ہے۔ غالب نے اندر داخل ہوتے ہی کہا۔

’’اخاہ! متھر ا داس ! بھئی تم آج بڑے وقت پر آئے۔ میں تمہیں بلوانے ہی والا تھا!‘‘

متھر ا داس نے ٹھیٹ مہاجنوں کے انداز میں کہا۔

’’حضور روپوں کو بہت دن ہو گئے۔ فقط دو قسط آپ نے بھجوائے تھے۔ اس کے بعد پانچ مہینے ہو گئے، ایک پیسہ بھی آپ نے نہ دیا۔ ‘‘

اسد اللہ خان غالبؔ مسکرائے

’’بھئی، متھر ا داس دینے کو میں سب دے دوں گا۔ گلے گلے پانی دوں گا۔ دو ایک جائیداد ابھی میری باقی ہے۔ ‘‘

’’اجی سرکار! اس طرح بیوپار ہوچکا۔ نہ اصل میں سے نہ سود میں سے، پہلا ہی ڈھائی ہزار وصول نہیں ہوا۔ چھ سو چھپن سود کے ہو گئے ہیں۔ ‘‘

مرزا غالبؔ نے حقے کی نَے پکڑ کر ایک کش لیا۔

’’لالہ، جس درخت کا پھل کھانا منظور ہوتا ہے، اس کو پہلے پانی دیتے ہیں۔ میں تمہارا درخت ہوں پانی دو تو اناج پیدا ہو۔ ‘‘

متھر ا داس نے اپنی دھوتی کی لانگ ٹھیک کی۔

’’جی، دیوالی کو بارہ دن باقی رہ گئے ہیں۔ کھاتہ بند کیا جائے گا۔ آپ پہلے روپے کا اصل سُود ملا کر دستاویز بنا دیں تو آگے کا نام لیں۔ ‘‘

مرزا غالبؔ نے حقے کی نَے ایک طرف کی

’’لو، ابھی دستاویز لکھے دیتا ہوں۔ پر شرط یہ ہے کہ دو ہزار ابھی ابھی مجھے اور دو۔ ‘‘

متھرا داس نے تھوڑی دیر غورکیا۔

’’اچھا، میں اشٹام منگواتا ہوں۔ بہی ساتھ لایا ہوں۔ آپ منشی غلام رسول عرضی نویس کو بلالیں۔ پر سود وہی سوا روپیہ سینکڑہ ہو گا۔ ‘‘

’’لالہ کچھ تو انصاف کرو۔ بارہ آنے سود لکھوائے دیتا ہوں۔ ‘‘

متھرا داس نے اپنی دھوتی کی لانگ دوسری بار دُرست کی۔

’’سرکار بارہ آنے پر بارہ برس بھی کوئی مہاجن قرض نہیں دے گا۔ آج کل تو خود بادشاہ سلامت کو روپے کی ضرورت ہے۔ ‘‘

ان دنوں واقعی بہادر شاہ ظفر کی حالت بہت نازک تھی، اس کو اپنے اخراجات کے لیے روپے پیسے کی ہر وقت ضرورت رہتی تھی۔ بہادر شاہ تو خیر بادشاہ تھا لیکن مرزا غالب محض شاعر تھے۔ گو وہ اپنے شعروں میں اپنا رشتہ سپاہ گری سے جوڑتے تھے۔ یہ مرزا صاحب کی زندگی کے چالیسویں اور پینتالیسویں سال کے درمیانی عرصے کی بات ہے۔ جب متھرا داس مہاجن نے ان پر عدم ادائیگی قرضہ کے باعث عدالت دیوانی میں دعویٰ دائر کیا۔ مقدمے کی سماعت مرزا صاحب کے مربی اور دوست مُفتی صدر الدین آزردہ کو کرنا تھی۔ جو خود بہت اچھے شاعر اورغالبؔ کے مداح تھے۔ مُفتی صاحب کے مردھانے عدالت کے کمرے سے باہر نکل کر آواز دی۔

’’لالہ متھرا داس مہاجن مدعی اور مرزا اسد اللہ خان غالب مدعاعلیہ حاضر ہیں؟‘‘

متھرا داس نے مرزا غالب کی طرف دیکھا اور مردھے سے کہا۔

’’جی دونوں حاضر ہیں۔ ‘‘

مِردھے نے روکھے پن سے کہا۔ ‘‘

تو دونوں حاضرِ عدالت ہوں۔ ‘‘

مرزا غالب نے عدالت میں حاضر ہو کر مفتی صدر الدین آزردہ کو سلام کیا۔ مفتی صاحب مسکرائے۔

’’مرزا نوشہ، یہ آپ اس قدر قرض کیوں لیا کرتے ہیں۔ آخر یہ معاملہ کیا ہے؟‘‘

غالب نے تھوڑے توقف کے بعد کہا۔

’’کیا عرض کروں۔ میری سمجھ میں بھی کچھ نہیں آتا۔ ‘‘

مفتی صدر الدین مسکرائے:

’’کچھ تو ہے، جس کی پردہ داری ہے۔ ‘‘

غالب نے برجستہ کہا۔

’’ایک شعر موزوں ہو گیا ہے مفتی صاحب۔ حکم ہو تو جواب میں عرض کروں۔ ‘‘

’’فرمائیے!‘‘

غالبؔ نے مفتی صاحب اور متھرا داس مہاجن کو ایک لحظے کے لیے دیکھا اور اپنے مخصوص انداز میں یہ شعرپڑھا ؂ قرض کی پیتے تھے مے، لیکن سمجھتے تھے کہ ہاں رنگ لائے گی ہماری فاقہ مستی، ایک دن مفتی صاحب بے اختیار ہنس پڑے۔

’’خوب، خوب۔ کیوں صاحب! رسی جل گئی، پر بل نہ گیا۔ آپ کے اس شعر کی میں تو ضرور داد دوں گا۔ مگر چونکہ آپ کو اصل اور سود، سب سے اقرار ہے۔ عدالت مدعی کے حق میں فیصلہ دیئے بغیر نہیں رہ سکتی۔ ‘‘

مرزا غالبؔ نے بڑی سنجیدگی سے کہا۔

’’مدعی سچا ہے، تو کیوں فیصلہ اس کے حق میں نہ ہو۔ اورمیں نے بھی سچی بات نثر میں نہ کہی، نظم میں کہہ دی۔ ‘‘

مفتی صدر الدین آزردہ نے کاغذات قانون ایک طرف رکھے اور مرزا غالب سے مخاطب ہوئے۔

’’اچھا، تو زرِ ڈگری میں ادا کردوں گا کہ ہماری آپ کی دوستی کی لاج رہ جائے۔ ‘‘

مرزا غالبؔ بڑے خود دار تھے۔ انہوں نے مفتی صاحب سے کہا۔

’’حضور ایسا نہیں ہو گا۔ مجھے متھرا داس کا روپیہ دینا ہے۔ میں بہت جلد ادا کردوں گا۔ ‘‘

مفتی صاحب مسکرائے۔

’’حضرت، روپے کی ادائیگی، شاعری نہیں۔ آپ تکلّف کو برطرف رکھیے۔ میں آپ کا مداح ہوں۔ مجھے آج موقع دیجیے کہ آپ کی کوئی خدمت کرسکوں۔ ‘‘

غالبؔ بہت خفیف ہوئے۔

’’لاحول ولا۔ آپ میرے بزرگ ہیں۔ مجھے کوئی سزا دے دیجیے کہ آپ صدرالصدور ہیں۔ ‘‘

’’دیکھو، تم ایسی باتیں مت کرو۔ ‘‘

’’تو اور کیسی باتیں کروں‘‘

’’کوئی شعر سنائیے۔ ‘‘

’’سوچتا ہوں۔ ہاں ایک شعر رات کو ہو گیا تھا۔ عرض کیے دیتا ہوں۔ ‘‘

’’فرمائیے‘‘

’’ہم اور وہ سبب رنج آشنا دشمن‘‘

مُفتی صاحب نے اپنے قانونی قلم سے قانونی کاغذ پر یہ حروف لکھے

’’ہم اور وہ بے سبب رنج آشنا دشمن، کہ رکھتا ہے‘‘

مفتی صاحب بہت محظوظ ہوئے۔ یہ شعر آسانی سے سمجھ آسکنے والا نہیں۔ لیکن وہ خود بہت بڑے شاعر تھے۔ اس لیے غالبؔ کی دقیقہ بیانی کو فوراً سمجھ گئے۔ مرزا غالبؔ کچھ دیر خاموش رہے۔ غالباً ان کو اِس بات بے بہت کوفت ہوئی تھی کہ مفتی صاحب اُن پر ایک احسان کر رہے ہیں۔ مفتی صاحب نے ان سے پوچھا:

’’حضرت آپ خاموش کیوں ہو گئے؟‘‘

’’جی کوئی خاص بات نہیں ؂ ہے کچھ ایسی ہی بات جو چُپ ہوں ورنہ کیا بات کہ نہیں آتی

’’آپ کو باتیں کرنا تو ماشاء اللہ آتی ہیں۔ ‘‘

غالبؔ نے جواب دیا:

’’جی ہاں۔ لیکن بنانا نہیں آتیں۔ ‘‘

مفتی صدر الدین مسکرائے۔

’’اب آپ جاسکتے ہیں۔ زرِ ڈگری میں ادا کردوں گا۔ ‘‘

مرزا غالبؔ نے مفتی صاحب کا شکریہ ادا کیا۔

’’آج آپ نے دوستی کے تمسک پر مہر لگا دی۔ جب تک زندہ ہوں، بندہ ہوں۔ ‘‘

مفتی صدر الدین آزردہ نے ان سے کہا۔

’’اب آپ تشریف لے جائیے۔ پر خیال رہے کہ روز روز زر ڈگری میں ادا نہیں کرسکتا، آئندہ احتیاط رہے۔ ‘‘

مرزا غالبؔ تھوڑی دیر کے لیے سوچ میں غرق ہو گئے۔ مفتی صاحب نے اُن سے پوچھا۔

’’کیا سوچ رہے ہیں آپ؟‘‘

مرزا غالبؔ چونک کربولے۔

’’جی!میں کچھ بھی نہیں سوچ رہا تھا۔ شاید کچھ سوچنے کی کوشش کررہا تھا۔ کہ ؂ موت کا ایک دن متعین ہے نیند کیوں رات بھر نہیں آتی مفتی صاحب نے ان سے پوچھا۔

’’کیا آپ کو رات بھر نیند نہیں آتی؟‘‘

مرزا غالبؔ نے مسکرا کر کہا۔

’’کسی خوش نصیب ہی کو آتی ہو گی۔ ‘‘

مفتی صاحب نے کہا۔

’’آپ شاعری چھوڑیئے۔ بس آئندہ احتیاط رہے۔ ‘‘

مرزا غالبؔ اپنے انگرکھے کی شکنیں درست کرتے ہوئے بولے

’’آپ کی نصیحت پر چل کر ثابت قدم رہنے کی خدا سے دعا کروں گا۔ مفتی صاحب! مفت مفت کی زحمت آپ کو ہوئی۔ نقداً سوائے

’’شکر ہے‘‘

کے اور کیا ادا کرسکتا ہوں۔ خیر خدا آپ کو دس گُنا دُنیا میں، اور ستّر گُنا آخرت میں دے گا۔ ‘‘

یہ سُن کر مفتی صدر الدین آزردہ زیر لب مسکرائے۔

’’آخرت والے میں تو آپ کو شریک کرنا محال ہے۔ دنیا کے دس گنے میں بھی آپ کو ایک کوڑی نہیں دوں گا کہ آپ مے خواری کیجیے۔ ‘‘

مرزا غالبؔ ہنسے۔

’’مے خواری کیسی مفتی صاحب!‘‘

؂ مے سے غرض نشاط ہے کِس رو سیاہ کو اک گونہ بے خودی مجھے دن رات چاہیے اور یہ شعر سُنا کر مرزا غالبؔ، عدالت کے کمرے سے باہر چلے گئے۔

سعادت حسن منٹو

قدرت کا اصول

قدرت کا یہ اصول ہے کہ جس چیز کی مانگ نہ رہے ٗ وہ خود بخود یا تو رفتہ رفتہ بالکل نابود ہو جاتی ہے ٗ یا بہت کم یاب۔ اگر آپ تھوڑی دیر کے لیے سوچیں تو آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ یہاں سے کتنی اجناس غائب ہو گئی ہیں۔ اجناس کو چھوڑئیے ٗ فیشن لے لیجیے۔ کئی آئے اور کئی دفن ہوئے ٗ معلوم نہیں کہاں۔ دنیا کا یہ چکر بہر صورت اسی طرح چلتا رہتا ہے۔ ایک آتا ہے ٗ ایک جاتا ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ لڑکیاں انگیا کا استعمال بہت معیوب سمجھتی تھیں ٗ مگر اب یہ بہت ضروری سمجھا جاتا ہے کہ سہارا ہے۔ امریکہ اور انگلستان سے طرح طرح کی انگیاں آرہی ہیں۔ کچھ ایسی ہیں کہ ان میں کوئی اسٹریپ نہیں ہوتا۔ ایک انگیا جو سب سے قیمتی ہے

’’میڈن فوم‘‘

کہلاتی ہے اسے کوئی بُڑھیا بھی پہن لے تو جوان دکھائی دیتی ہے۔ اس سے بھی زیادہ شدید انگیا نور جہاں فلم ایکٹریس نے

’’چن وے‘‘

میں پہنی تھی جس کی نمائش سے میرے جمالیاتی ذوق کو بہت صدمہ پہنچا تھا مگر میں کیا کرتا۔ ہر شخص کو اپنی پسند کی چیز کھانے اور پہننے کی آزادی ہے۔ تلون انسان کی فطرت ہے۔ وہ کبھی ایک چیز پر قائم نہیں رہتا اسی لیے اس کے گردو پیش کا ماحول بھی بدلتا رہتا ہے اگر آج اسے مرغیاں مرغوب ہیں تو مارکیٹ میں لاکھوں مرغیاں ایک دم آ جائیں گی۔ لیکن جب اس کا دل ان سے اُکتا جائے گا۔ تو میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ مرغیاں یا تو انڈے دینا بند کر دیں گی۔ یا اسے سئیں گی نہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اگر لوگ پانی پینا بند کر دیں تو سارے کنویں خشک ہو جائیں۔ دریا اپنے کو بیکار سمجھ کر اپنا رُخ بدل لیں۔ میں آج سے پندرہ برس پہلے کی بات کر رہا ہوں۔ آرگنڈی ( جسے رفل کہا جاتا تھا ) کی بنی بنائی قمیصوں کا رواج عورتوں میں عام تھا لیکن دو تین برسوں کے بعد یہ قمیصیں ایسے غائب ہوئیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔ اتنے برس گزر چکے تھے مگر اب یہ کپڑا جو حیوانوں کی کھال کے مانند اکڑا ہوتا تھا۔ کسی عورت کے بدن پر نظر نہیں آتا۔ ظاہر ہے کہ اس کا بنانا یا تو یکسر بند کر دیا گیا ہے۔ یا بہت کم مقدار میں تیار کیا جاتا ہے۔ میں اب اصل موضوع کی طرف آتا ہوں۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا۔ ہم جنسیت کا بازار پنجاب میں ہر جگہ گرم تھا۔ مردوں کی اکثریت اس غیر فطری فعل سے شغل فرماتی تھی۔ اور ایسے لڑکے بہ افراط موجود تھے جن کی ادائیں دیکھ کر نوخیز لڑکیاں بھی شرمائیں۔ ان کی چال ڈھال کچھ ایسی قیامت خیز ہوتی تھی کہ تعیش پسند مرد۔ اپنی عورتوں کو بھول جاتے تھے۔ میں اسی زمانے کا ذکر کر رہا ہوں۔ جب لڑکیوں کے بدلے ان کی مخالف جنس کا دور دورہ تھا۔ میں اپنے مکان کی بیٹھک میں اپنے ایک ہندو دوست کے ساتھ تاش کھیل رہا تھا کہ باہر شور و غل کی آوازیں سنائی دیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کوئی بہت بڑا ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ امر تسر میں ہنگامے ہونا ان دنوں معمولی بات تھی۔ میں نے سوچا کہ ہندو مسلم فساد ہو گیا ہے لیکن اپنے اس اندیشے کا ذکر ہندو دوست سے نہ کیا جو میرا ہم جماعت تھا۔ ہم دونوں گلی سے باہر نکلے۔ دیکھا کہ بازار میں سب دوکانیں بند ہیں۔ بڑی حیرت ہوئی کہ ماجرا کیا ہے۔ ہم گلی کے باہر کھڑے تھے کہ اتنے میں شہر کا ایک بہت بڑا غنڈا آیا۔ اس کے ہاتھ میں ہاکی تھی۔ خون سے لتھڑی ہوئی تھی۔ اس نے مجھے سلام کیا۔ اس لیے کہ وہ مجھے پہچانتا تھا کہ میں ایک ذی اثر آدمی کا بیٹا ہوں۔ سلام کرنے کے بعد اس نے میرے دوست کی طرف دیکھا اور مجھ سے مخاطب ہوا:

’’میاں صاحب۔ بابوجی سے کہیے کہ یہاں کھڑے نہ رہیں۔ آپ انہیں اپنے مکان میں لے جائیں۔ ‘‘

بعد میں معلوم ہوا کہ جو خون خرابہ ہوا، اس کا باعث میرا دوست تھا‘ اس کے کئی طالب تھے۔ دو پارٹیاں بن گئی تھیں۔ جن میں اس کی وجہ سے لڑائی ہوئی جس میں کئی آدمی زخمی ہوئے۔ شہر کا جو سب سے بڑا غنڈا تھا، چوتھے پانچویں روز اسے دوسری پارٹی نے اس قدر زخمی کر دیا کہ دس دن اسے ہسپتال میں رہنا پڑا جو اس کی غنڈا گردی کا سب سے بڑا ریکارڈ تھا۔ اہلِ لاہور اچھی طرح جانتے ہوں گے کہ یہاں ایک لڑکا ٹینی سنگھ کے نام سے منسوب تھا۔ جو گورنمنٹ کالج میں پڑھتا تھا۔ اس کے ایک پرستار نے اسے ایک بہت بڑی موٹر کار دے رکھی تھی۔ وہ اس میں بڑے ٹھاٹ سے آتا اور دوسرے لڑکے جو اسی کے زُمرے میں آتے تھے۔ بہت جلتے۔ مگر لاہور میں اس وقت ٹینی سنگھ کا ہی طوطی بولتا تھا۔ میں نے اس کو دیکھا۔ واقعی خوبصورت تھا۔ اب یہ حال ہے کہ کوئی ٹینی سنگھ نظر نہیں آتا۔ کالجوں میں چلے جائیے ٗ وہاں آپ کو ایسا کوئی لڑکا نظر نہیں آئے گا جس میں نسوانیت کے خلاف کوئی چیلنج ہو، اس لیے کہ اب ان کی جگہ لڑکیوں نے لے لی ہے۔ قدرت نے ان کی انتہا کر دی۔

سعادت حسن منٹو

قبض

نئے لکھے ہُوئے مکالمے کا کاغذ میرے ہاتھ میں تھا۔ ایکٹر اور ڈائریکٹر کیمرے کے پاس سامنے کھڑے تھے۔ شوٹنگ میں ابھی کچھ دیر تھی۔ اس لیے کہ اسٹوڈیو کے ساتھ والا صابن کا کارخانہ چل رہا تھا۔ ہر روز اس کارخانے کے شور کی بدولت ہمارے سیٹھ صاحب کا کافی نقصان ہوتا تھا۔ کیونکہ شوٹنگ کے دوران میں جب ایکا ایکی اس کارخانے کی کوئی مشین چلنا شروع ہو جاتی۔ تو کئی کئی ہزار فٹ فلم کا ٹکڑا بیکار ہوجاتا اور ہمیں نئے سرے سے کئی سینوں کی دوبارہ شوٹنگ کرنا پڑتی۔ ڈائریکٹر صاحب ہیرو اور ہیروئن کے درمیان کیمرے کے پاس کھڑے سگرٹ پی رہے تھے اور میں سستانے کی خاطر کرسی پر ٹانگوں سمیت بیٹھا تھا۔ وہ یوں کہ میری دونوں ٹانگیں کرسی کی نشست پر تھیں اور میرا بوجھ نشست کی بجائے ان پر تھا۔ میری اس عادت پر بہت لوگوں کو اعتراض ہے مگر یہ واقعہ ہے کہ مجھے اصلی آرام صرف اسی طریقے پر بیٹھنے سے ملتا ہے۔ نینا جس کی دونوں آنکھیں بھینگی تھیں ڈائریکٹر صاحب کے پاس آیا اور کہنے لگا۔

’’صاحب، وہ بولتا ہے کہ تھوڑا کام باقی رہ گیا ہے پھر شور بند ہو جائے گا۔ ‘‘

یہ روز مرہ کی بات تھی جس کا مطلب یہ تھا کہ ابھی آدھ گھنٹے تک کارخانے میں صابن کٹتے اور ان پر ٹھپے لگتے رہیں گے۔ چنانچہ ڈائریکٹر صاحب ہیرو اور ہیروئن سمیت اسٹوڈیو سے باہر چلے گئے۔ میں وہیں کرسی پر بیٹھا رہا۔ سقفی لیمپ کی ناکافی روشنی میں سیٹ پر جو چیزیں پڑیں تھیں ان کا درمیانی فاصلہ اصلی فاصلے پر کچھ زیادہ دکھائی دے رہا تھا۔ اور گیروے رنگ کے تھری پلائی وڈ کے تختے جو دیواروں کی صورت میں کھڑے تھے پست قد دکھائی دیتے تھے۔ میں اس تبدیلی پر غور کررہا تھا کہ پاس ہی سے آواز آئی

’’السلام علیکم۔ ‘‘

میں نے جواب دیا

’’وعلیکم السلام‘‘

اور مڑ کر دیکھا تو مجھے ایک نئی صورت نظر آئی۔ میری آنکھوں میں

’’تم کون ہو؟‘‘

کا سوال تیرنے لگا۔ آدمی ہوشیارتھا، فوراً کہنے لگا۔

’’جناب میں آج ہی آپ کی کمپنی میں داخل ہُوا ہُوں۔ میرا نام عبدالرحمن ہے۔ خاص دہلی شہر کا رہنے والا ہُوں۔ آپکا وطن بھی تو شاید دہلی ہی ہے۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’جی نہیں۔ میں پنجاب کا باشندہ ہُوں۔ ‘‘

عبدالرحمن نے جیب سے عینک نکالی۔

’’معاف فرمائیے گا، چونکہ ڈائریکٹر صاحب نے عینک اتار دینے کا حکم دیا تھا اس لیے۔ ‘‘

اس دوران میں اُس نے عینک بڑی صفائی سے کانوں میں اٹکالی اور میری طرف پسندیدہ نگاہوں سے دیکھنا شروع کردیا۔

’’واللہ میں تو یہی سمجھا تھا کہ آپ دہلی کے ہیں، یعنی آپ کی زبان میں قطعاً پنجابیت نہیں۔ ماشاء اللہ کیا مکالمہ لکھا ہے۔ قلم توڑ دیا ہے واللہ۔ یہ اسٹوری بھی تو آپ ہی نے لکھی ہے؟‘‘

عبدالرحمن نے جب یہ باتیں کیں تو اس کا قد بھی میری نظر میں تھری پلائی وڈ کے تختوں کی طرح پست ہو گیا۔ میں نے روکھے پن کے ساتھ کہا۔

’’جی نہیں۔ ‘‘

وہ اور زیادہ لچکیلا ہو گیا۔

’’عجب زمانہ ہے صاحب، جو اہلیتوں کے مالک ہیں ان کو کوئی پوچھتا ہی نہیں۔ یہ بمبئی شہر بھی تو میری سمجھ میں بالکل نہیں آیا۔ عجب اوٹ پٹانگ زبان بولتے ہیں یہاں کے لوگ، پندرہ دن مجھے یہاں آئے ہوئے ہو گئے ہیں مگر کیا عرض کروں سخت پریشان ہو گیا ہوں۔ آج آپ سے ملاقات ہو گئی۔ ‘‘

اس کے بعد اس نے اپنے ہاتھ ملکر اس روغن کی مروڑیاں بنانا شروع کردیں جو چہرے پر لگاتے وقت اسکے ہاتھوں پر رہ گیا تھا۔ میں نے جواب میں صرف

’’جی ہاں‘‘

کردیا اور خاموش ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد میں نے کاغذ کھولا اور رواروی میں لکھے ہُوئے مکالموں پر نظرثانی شروع کردی۔ چند غلطیاں تھیں جن کو درست کرنے کے لیے میں نے اپنا قلم نکالا۔ عبدالرحمن ابھی تک میرے پاس کھڑا تھا۔ مجھے اس کے کھڑے ہونے کے انداز سے ایسا محسوس ہُوا جیسے وہ کچھ کہنا چاہتا ہے۔ چنانچہ میں نے پوچھا۔

’’فرمائیے۔ ‘‘

اس نے بڑی لجاجت کے ساتھ کہا۔

’’میں ایک بات عرض کروں۔ ‘‘

’’بڑے شوق سے۔ ‘‘

’’آٰپ اس طرح ٹانگیں اوپر کرکے نہ بیٹھا کریں۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

اس نے جھک کر کہا

’’بات یہ ہے کہ اس طرح بیٹھنے سے قبض ہو جایا کرتا ہے۔ ‘‘

’’قبض؟‘‘

میری حیرت کی کوئی انتہا نہ رہی۔

’’قبض کیسے ہوسکتا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر میرے جی میں آئی کہ اس سے کہوں

’’میاں ہوش کی دوا لو۔ گھاس تو نہیں کھا گئے۔ مجھے اس طرح بیٹھتے بیس برس ہو گئے۔ آج کیا تمہارے کہنے سے مجھے قبض ہو جائیگا۔ ‘‘

مگر یہ سوچ کر چپ ہو گیا کہ بات بڑھ جائیگی اور مجھے بیکار کی مغز دردی کرنا پڑے گی۔ وہ مسکرایا۔ عینک کے شیشوں کے پیچھے اس کی آنکھوں کے آس پاس کا گوشت سکڑ گیا۔

’’آپ نے مذاق سمجھا ہے حالانکہ صحیح بات یہی ہے کہ ٹانگیں جوڑ کر پیٹ کے ساتھ لگا کر بیٹھنے سے معدے کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔ میں نے تو اپنی ناچیز رائے پیش کی ہے۔ مانیں نہ مانیں یہ آپکو اختیار ہے۔ ‘‘

میں عجب مشکل میں پھنس گیا۔ اس کو اب میں کیا جواب دیتا۔ قبض۔ یعنی قبض ہو جائیگا۔ بیس برس کے دوران میں مجھے قبض نہ ہوا لیکن آج اس مسخرے کے کہنے سے مجھے قبض ہو جائیگا۔ قبض کھانے پینے سے ہوتا ہے نہ کہ کرسی یا کوچ پر بیٹھنے سے۔ جس طرح میں کرسی پر بیٹھتا ہوں اس سے تو آدمی کو راحت ہوتی ہے۔ دوسروں کو نہ سہی لیکن مجھے تو اس سے آرام ملتا ہے اور یہ سچی بات ہے کہ مجھے ٹانگیں جوڑ کر سینے کے ساتھ لگا دینے سے ایک خاص قسم کی فرحت حاصل ہوتی ہے۔ اسٹوڈیو میں عام طور پر شوٹنگ کے دوران میں کھڑا رہنا پڑتا ہے جس سے آدمی تھک جاتا ہے۔ دوسرے نامعلوم کس طریقے سے اپنی تھکن دُور کرتے ہیں مگر میں تو اسی طریقے سے دُور کرتا ہوں۔ کسی کے کہنے پر میں اپنی یہ عادت کبھی نہیں چھوڑ سکتا۔ خواہ قبض کے بجائے مجھے سرسام ہو جائے۔ یہ ضد نہیں، دراصل بات یہ ہے کہ کرسی پر اس طرح بیٹھنے کا انداز میری عادت نہیں بلکہ میرے جسم کا ایک جائز مطالبہ ہے۔ جیسا کہ میں اس سے پہلے عرض کر چکا ہُوں اکثر لوگوں کو میرے اس طرح بیٹھے کے انداز پر اعتراض رہا ہے۔ اس اعتراض کی وجہ نہ میں نے ان لوگوں سے کبھی پوچھی ہے اور نہ انھوں نے کبھی خود بتائی ہے۔ اعتراض کی وجہ خواہ کچھ بھی ہو میں اس معاملے میں اچھی طرح دلیل سننے کے لیے بھی تیار نہیں۔ کوئی آدمی مجھے قائل نہیں کرسکتا۔ جب عبدالرحمن نے مجھ پر نکتہ چینی کی تو میں بھنّا گیا اور اس کا یُوں شکریہ ادا کیا جیسے کوئی یہ کہے۔

’’لعنت ہو تم پر۔ ‘‘

اس شکریہ کی رسید کے طور پر اس نے اپنے موٹے ہونٹوں پر میلی سی مسکراہٹ پیدا کی اور خاموش ہو گیا۔ اتنے میں ڈائریکٹر ہیرو اور ہیروئن آگئے اور شوٹنگ شروع ہو گئی۔ میں نے خدا کا شکر ادا کیا کہ چلو اسی بہانے سے عبدالرحمن کے قبض سے نجات حاصل ہوئی۔ اس کی پہلی ملاقات پر ذیل کی باتیں میرے دماغ میں آئیں۔ -1 یہ ایکسٹرا جو کمپنی میں نیا بھرتی ہُوا ہے بہت بڑا چغد ہے۔ -2 یہ ایکسٹرا جو کمپنی میں نیا بھرتی ہُوا ہے سخت بد تمیز ہے۔ -3 یہ ایکسٹرا جو کمپنی نے نیا بھرتی کیا ہے پرلے درجہ کا مغز چاٹ ہے۔ -4 یہ ایکسٹرا جو کمپنی میں نیا داخل ہوا ہے مجھے اس سے بے حد نفرت پیدا ہو گئی ہے۔ اگر مجھے کسی شخص سے نفرت پیدا ہو جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کی زندگی کچھ عرصے کے لیے زیادہ متحرک ہو جائے گی۔ میں نفرت کرنے کے معاملے میں کافی مہارت رکھتا ہوں۔ آپ پوچھیں گے بھلا نفرت میں مہارت کی کیا ضرورت ہے۔ لیکن میں آپ سے کہوں گا کہ ہر کام کرنے کے لیے ایک خاص سلیقے کی ضرورت ہوتی ہے اور نفرت میں چونکہ شدت زیادہ ہے اس لیے اس کے عامل کا ماہر ہونا اشد ضروری ہے۔ محبت ایک عام چیز ہے۔ حضرت آدم سے لیکر ماسٹر نثار تک سب محبت کرتے آئے ہیں مگر نفرت بہت کم لوگوں نے کی ہے اور جنہوں نے کی ہے ان میں سے اکثر کو اس کا سلیقہ نہیں آیا۔ نفرت محبت کے مقابلے میں بہت زیادہ لطیف اور شفاف ہے۔ محبت میں مٹھاس ہے جو اگر زیادہ دیر تک قائم رہے تو دل کا ذائقہ خراب ہو جاتا ہے۔ مگر نفرت میں ایک ایسی ترشی ہے جو دل کا قوام دُرست رکھتی ہے۔ میں تو اس بات کا قائل ہُوں کہ نفرت اس طریقے سے کرنا چاہیے کہ اس میں محبت کرنے کا مزا ملے۔ شیطان سے نفرت کرنے کا جو سبق ہمیں مذہب نے سکھایا ہے مجھے اس سے سو فی صدی اتفاق ہے۔ یہ ایک ایسی نفرت ہے جو شیطان کی شان کے خلاف نہیں۔ اگر دنیا میں شیطان نام کی کوئی ہستی موجود ہے تو وہ یقیناًاس نفرت سے جو کہ اس کے چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے خوش ہوتی ہو گی اور سچ پوچھیے تو یہ عالمگیر نفرت ہی شیطان کی زندگی کا ثبوت ہے۔ اگر ہمیں اس سے نہایت ہی بھونڈے طریقے پر نفرت کرنا سکھایا جاتا تو دنیا ایک بہت بڑی ہستی کے تصور سے خالی ہوتی۔ میں نے عبدالرحمن سے نفرت کرنا شروع کردی جس کا نتیجہ یہ ہُوا، کہ میری اور اس کی دونوں کی زندگی میں حرکت پیدا ہو گئی۔ اسٹوڈیو میں اور اسٹوڈیو کے باہر جہاں کہیں اس سے میری ملاقات ہوتی میں اس کی خیریت دریافت کرتا اور اس سے دیر تک باتیں کرتا رہتا۔ عبدالرحمن کا قد متوسط ہے اور بدن گُٹھا ہُوا۔ جب وہ نیکر پہن کر آتا تو اس کی بے بال پنڈلیوں کا گوشت فٹ بال کے نئے کور کے چمڑے کی طرح چمکتا ہے۔ ناک موٹی جس کی کوٹھی اُبھری ہُوئی ہے۔ چہرے کے خطوط منگولی ہیں۔ ماتھا چوڑا جس پر گہرے زخم کا نشان ہے۔ اس کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسی شیطان لڑکے نے اپنے ڈسک کی لکڑی میں چاقو سے چھوٹا سا گڑھا بنا دیا ہے۔ پیٹ سخت اور اُبھرا ہو۔ حافظ قرآن ہے۔ چنانچہ بات بات میں آیتوں کے حوالے دیتا ہے۔ کمپنی کے دوسرے ایکسٹرا اس کی اس عادت کو پسند نہیں کرتے۔ اس لیے کہ انھیں احترام کے باعث چپ ہو جانا پڑتا ہے۔ ڈائریکٹر صاحب کو جب میری زبانی معلوم ہوا کہ عبدالرحمن صاف زبان بولتا ہے اور غلطی نہیں کرتا تو انھوں نے اسے ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا شروع کردیا۔ ایک ہی فلم میں اسے دس مختلف آدمیوں کے بھیس میں لایا گیا۔ سفید پوشاک پہنا کراسے ہوٹل میں بیرا بنا کر کھڑا کردیا گیا۔ سر پر لمبے لمبے بال لگا کر اور چمٹا ہاتھ میں دے کر ایک جگہ اس کو سادھو بنایا گیا۔ چپڑاسی کی ضرورت محسوس ہُوئی تو اس کے چہرے پر گوند سے لمبی داڑھی چپکا دی گئی۔ ریلوے پلیٹ فارم پر بڑی مونچھیں لگا کر اس کو ٹکٹ چیکر بنا دیا گیا۔ یہ سب میری بدولت ہوا، اس لیے کہ مجھے اس سے نفرت پیدا ہو گئی تھی۔ عبدالرحمن خوش تھا کہ چند ہی دنوں میں وہ اتنا مقبول ہو گیا اور میں خوش تھا کہ دوسرے ایکسٹرا اس سے حسد کرنے لگے ہیں، میں نے موقعہ دیکھ کر سیٹھ سے سفارش کی، چنانچہ تیسرے مہینے اس کی تنخواہ میں دس روپے کا اضافہ بھی ہو گیا۔ اس کا یہ نتیجہ ہوا کہ کمپنی کے پچیس ایکسٹراؤں کی آنکھوں میں وہ خار بن کے کھٹکنے لگا۔ لُطف یہ ہے کہ عبدالرحمن کو اس بات کی مطلق خبر نہ تھی کہ میری وجہ سے اس کی تنخواہ میں اضافہ ہُوا ہے اور میری سفارشوں کے باعث کمپنی کے دوسرے ڈائریکٹر اس سے کام لینے لگے ہیں۔ فلم کمپنی میں کام کرنے کے علاوہ میں وہاں کے ایک مقامی ہفتہ وار اخبار کو بھی ایڈٹ کرتا ہُوں۔ ایک روز میں نے اپنا اخبار عبدالرحمن کے ہاتھ میں دیکھا۔ جب وہ میرے قریب آیا تو مسکرا کر اس نے پرچے کی ورق گردانی شروع کردی۔

’’منشی صاحب۔ یہ رسالہ آپ ہی۔ ‘‘

میں نے فوراً ہی جواب دیا۔

’’جی ہاں۔ ‘‘

’’ماشاء اللہ، کتنا خوبصورت پرچہ نکالتے ہیں آپ۔ کل رات اتفاق سے یہ میرے ہاتھ آگیا۔ بہت دلچسپ ہے، اب میں ہر ہفتے خریدا کروں گا۔ ‘‘

یہ اُس نے اس انداز میں کہا جیسے مجھ پر بڑا احسان کررہا ہے۔ میں نے اس کا شکریہ ادا کردیا، چنانچہ بات ختم ہو گئی۔ کچھ دنوں کے بعد جبکہ میں اسٹوڈیو کے باہر نیم کے پیڑتلے ایک ٹُوٹی ہُوئی کرسی پر بیٹھا اپنے اخبار کے لیے ایک کالم لکھ رہا تھا۔ عبدالرحمن آیا اور بڑے ادب کے ساتھ ایک طرف کھڑا ہو گیا۔ میں نے اسکی طرف دیکھا اور پوچھا

’’فرمائیے۔ ‘‘

’’آپ فارغ ہو جائیں تو میں۔ ‘‘

’’میں فارغ ہُوں۔ فرمائیے آپکو کیا کہنا ہے۔ ‘‘

اس کے جواب اُس نے ایک رنگین لفافہ کو کھولا اور اپنی تصویر میری طرف بڑھا دی۔ تصویرہاتھ میں لیتے ہی جب میری نظر اس پر پڑی تو مجھے بے اختیار ہنسی آگئی۔ یہ ہنسی چونکہ بے اختیار آئی تھی۔ اس لیے میں اسے روک نہ سکا۔ بعد میں جب مجھے اس بات کا احساس ہُوا کہ عبدالرحمن کو یہ ناگوار معلوم ہُوئی ہو گی تو میں نے کہا۔

’’عبدالرحمن صاحب اتفاق دیکھیے میں صبح سے پریشان تھا کہ ٹائیٹل پیچ کے بعد کا صفحہ کیسے پُر ہو گا۔ دو تصویروں کے بلاک مل گئے تھے۔ مگر ایک کی کمی تھی۔ اس وقت بھی میں یہی سوچ رہا تھا کہ آپ نے اپنا فوٹو میری طرف بڑھا دیا۔ بہت اچھا فوٹو ہے۔ بلاک بھی اس کا خوب بنے گا۔ ‘‘

عبدالرحمن نے اپنے موٹے ہونٹ اندر کی طرف سکیڑ لیے۔

’’آپ کی بڑی عنایت ہے۔ تو۔ تو کیا یہ تصویر چھپ جائے گی؟‘‘

میں نے تصویرکو ایک نظر اور دیکھا اور مسکرا کرکہا۔

’’کیوں نہیں۔ اس ہفتے ہی کے لیے تو میں یہ کہہ رہا تھا۔ ‘‘

اس پر عبدالرحمن نے دوبارہ شکریہ ادا کیا۔ پرچے میں تصویر کے ساتھ ایک چھوٹا سا نوٹ نکل جائے تو میں اور بھی ممنون ہوں گا۔ جیسا آپ مناسب خیال فرمائیں۔ تو۔ تو۔ معاف کیجیے۔ میں آپ کے کام میں مخل ہو رہا ہوں۔ یہ کہہ کر وہ اپنے ہاتھ آہستہ آہستہ ملتا ہُوا چلا گیا۔ میں نے اب تصویر کو غور سے دیکھا۔ آڑی مانگ نکلی ہوئی تھی، ایک ہاتھ میں بمبئی کی بھاری بھر کم ڈائرکٹری تھی جس پر چھپے ہوئے حروف بتا رہے تھے کہ سن سولہ کی یہ کتاب فوٹو گرافر نے اپنے گاہکوں کو تعلیم یافتہ دکھانے کے لیے ایک یا دو آنے میں خریدی ہو گی۔ دوسرے ہاتھ میں جو اوپر کو اُٹھا ہوا تھا ایک بہت بڑا پائپ تھا۔ اس پائپ کی ٹونٹی عبدالرحمن نے اس انداز سے اپنے منہ کی طرف بڑھائی تھی کہ معلوم ہوتا تھا چائے کا پیالہ پکڑے ہے۔ لبوں پر چائے کا گھونٹ پیتے وقت جو ایک خفیف سا ارتعاش پیدا ہُوا کرتا ہے وہ تصویر میں اس کے ہونٹوں پر جما ہوا دکھائی دیتا تھا۔ آنکھیں کیمرے کی طرف دیکھنے کے باعث کُھل گئی تھیں، ناک کے نتھنے تھوڑے پھول گئے تھے۔ سینے میں ابھار پیدا کرنے کی کوشش رائیگاں نہیں گئی تھی۔ کیونکہ وہ اچھا خاصا کارٹون بن گیا تھا۔ یاد رہے کہ عبدالرحمن انگریزی لکھنا پڑھنا بالکل نہیں جانتا اور تمباکو سے پرہیز کرتا ہے۔ میں نے اپنی گرہ سے دام خرچ کرکے اس کے فوٹو کا بلاک بنوایا اور وعدے کے مطابق ایک تعریفی نوٹ کیساتھ پرچے میں چھپوا دیا۔ دوسرے روز دس بجے کے قریب میں کمپنی کے غلیظ ریسٹوران میں بیٹھا کڑوی چائے پی رہا تھا کہ عبدالرحمن تازہ پرچہ جس میں اسکی تصویر چھپی تھی۔ ہاتھ میں لیے داخل ہُوا اور آداب عرض کرکے میری کرسی کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اس کے ہونٹ اندر کی طرف سمٹ رہے تھے، آنکھوں کے آس پاس کا گوشت سکڑ رہا تھا۔ جس کا مطلب یہ تھا کہ وہ ممنون ہورہا ہے۔ بغل میں پرچہ دبا کر اس نے ہاتھ بھی ملنے شروع کردیئے۔ شکریے کے کئی فقرے اس نے دل ہی دل میں بنائے ہونگے۔ مگر نا موزوں سمجھ کر انھیں منسوخ کردیا ہو گا۔ جب میں نے اسے اس اُدھیڑ بُن میں دیکھا توماتم پرسی کے انداز میں اس سے کہا۔

’’تصویر چھپ گئی آپ کی؟۔ نوٹ بھی پڑھ لیا آپ نے؟‘‘

’’جی ہاں۔ آپ۔ کی بڑی نوازش ہے۔ ‘‘

ایک دم میرے سینے میں درد کی ٹیس اٹھی میرا رنگ پیلا پڑ گیا۔ یہ درد بہت پرانا ہے۔ جس کے دورے مجھے اکثر پڑتے رہتے ہیں۔ میں اس کے دفیعے کے لیے سینکڑوں علاج کرچکا ہوں۔ مگر لاحاصل چائے پیتے پیتے یہ درد ایک دم اُٹھا اور سارے سینے میں پھیل گیا۔ عبدالرحمن نے میری طرف غور سے دیکھا اور گھبرائے ہُوئے لہجہ میں کہا۔

’’آپکے دشمنوں کی طبیعت ناساز معلوم ہوتی ہے۔ ‘‘

میں اس وقت ایسے موڈ میں تھا کہ دشمنوں کو بھی اس موذی مرض کا شکار ہوتے نہ دیکھ سکتا، چنانچہ میں نے بڑے روکھے پن کے ساتھ کہا۔

’’کچھ نہیں، میں بالکل ٹھیک ہُوں۔ ‘‘

’’جی نہیں، آپ کی طبیعت ناساز ہے۔ ‘‘

وہ سخت گھبرا گیا۔

’’میں۔ میں۔ میں آپ کی کیا خد مت کرسکتا ہوں؟‘‘

’’میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ مطلق فکر نہ کریں۔ سینے میں معمولی سا درد ہے، ابھی ٹھیک ہو جائیگا۔ ‘‘

’’سینے میں درد ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ تھوڑی دیر کے لیے سوچ میں پڑ گیا۔

’’سینے میں درد ہے تو۔ تو اس کا یہ مطلب ہے کہ آپ کو قبض ہے اور قبض۔ ‘‘

قریب تھا کہ میں بھنّا کر اس کو دو تین گالیاں سُنا دوں مگرمیں نے ضبط سے کام لیا۔

’’آپ۔ حد کرتے ہیں۔ آپ۔ سینے کے درد سے قبض کا کیا تعلق؟‘‘

’’جی نہیں۔ قبض ہو تو ایک سو ایک بیماری پیدا ہو جاتی ہے اور سینے کا درد تو یقیناً قبض ہی کا نتیجہ ہے۔ آپکی آنکھوں کی زردی صاف ظاہر کرتی ہے کہ آپکو پرانا قبض ہے اور جناب قبض کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو ایک دو روز تک اجابت نہ ہو۔ جی نہیں، آپ جس کو با فراغت اجابت سمجھتے ہیں ممکن ہے وہ قبض ہو۔ سینہ اور پیٹ تو پھر بالکل پاس پاس ہیں۔ قبض سے تو سر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ آپ۔ دراصل آپکی کمزوری کا باعث بھی یہی قبض ہے۔ ‘‘

عبدالرحمن چند لمحات کے لیے بالکل خاموش ہو گیا۔ لیکن فوراً ہی اس نے اپنے لہجہ میں زیادہ چکناہٹ پیدا کرکے کہا۔

’’آپ نے کئی ڈاکٹروں کا علاج کیا ہو گا۔ ایک معمولی سا علاج میرا بھی دیکھیے۔ خدا کے حکم سے یہ مرض بالکل دُور ہو جائیگا۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کون سا مرض؟‘‘

عبدالرحمن نے زور زور سے ہاتھ ملے

’’یہی۔ یہی، قبض!‘‘

لاحول ولا، اس بیوقوف سے کس نہ کہہ دیا کہ مجھے قبض ہے، صرف میرے سینے میں درد ہے جوکہ بہت پرانا ہے اور سب ڈاکٹروں کی متفقہ رائے ہے کہ اس کا باعث اعصاب کی کمزوری ہے۔ مگریہ نیم حکیم خطرہ جان برابر کہے جارہا ہے کہ مجھے قبض ہے، قبض ہے، قبض ہے، کہیں ایسا نہ ہو میں اس کے سر پر غصے میں آکر چائے کا پیالہ دے ماروں۔ عجب نامعقول آدمی ہے، اپنی طبابت کا پٹارہ کھول بیٹھا ہے اور کسی کی سُنتا ہی نہیں۔ غصے کے باعث میں بالکل خاموش ہو گیا۔ اس خاموشی کا عبدالرحمن نے فائدہ اٹھایا اور قبض کا علاج بتانا شروع کردیا۔ خدا معلوم اس نے کیا کیا کچھ کہا۔

’’بات یہ ہے کہ پیٹ میں آپ کے سُدّے پڑ گئے ہیں۔ آپ کو روز اجابت تو ہو جاتی ہے مگر یہ سُدّے باہر نہیں نکلتے۔ معدے کا فعل چونکہ درست نہیں رہا اس لیے انتڑیوں میں خشکی پیدا ہو گئی ہے۔ رطوبت یعنی وہ لیسدار مادو جو فضلے کو نیچے پھسلنے میں مدد دیتا ہے آپکے اندر بہت کم رہ گیا ہے۔ اس لیے میرا خیال ہے کہ رفع حاجت کے وقت آپ کو ضرورت سے زیادہ زور لگانا پڑتا ہو گا۔ قبض کھولنے کے لیے عام طور پر جو انگریزی مسہل دوائیں بازار میں بِکتی ہیں بجائے فائدے کے نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس لیے کہ ان سے عادت پڑ جاتی ہے اور جب عادت پڑ جائے تو آپ خیال فرمائیے کہ ہرروز پاخانہ لانے کے لیے آپ کو تین آنے خرچ کرنے پڑیں گے۔ یونانی دوائیں اوّل تو ہم لوگوں کے مزاج کے موافق ہوتی ہیں دوسرے۔ ‘‘

میں نے تنگ آکر اس سے کہا۔

’’آپ چائے پئیں گے؟‘‘

اور اس کا جواب سنے بغیر ہوٹل والے کو آرڈر دیا

’’گُلاب، ان کے لیے ایک ڈبل چائے لاؤ۔ ‘‘

چائے فوراً ہی آگئی، عبدالرحمن کرسی گھسیٹ کربیٹھا تو میں اٹھ کھڑا ہوا

’’معاف کیجیے گا، مجھے ڈائریکٹر صاحب کے ساتھ ایک سین کے متعلق بات چیت کرنا ہے۔ پھر کبھی گفتگو ہو گی۔ ‘‘

یہ سب کچھ اس قدر جلدی میں ہوا کہ قبض کی باقی داستان عبدالرحمن کی زبان پر منجمد ہو گئی اور میں رسٹوران سے باہر نکل گیا۔ درد شروع ہونے کے باعث میری طبیعت خراب ہو گئی تھی، اس کی باتوں نے اس کی تکدر میں اور بھی اضافہ کردیا۔ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ کیوں اس بات پر مصر ہے کہ مجھے قبض ہے۔ میری صحت دیکھ کر وہ کہہ سکتا تھا کہ میں مدقوق ہُوں جیسا کہ عام لوگ میرے متعلق کہتے آئے ہیں۔ وہ یہ کہہ سکتا تھا کہ مجھے سِل ہے۔ میری انتڑیوں میں ورم ہے۔ میرے معدے میں رسولی ہے، میرے دانت خراب ہیں۔ مجھے گٹھیا ہے مگر بار بار اس کا اس بات پر زور دینا کیا معنی رکھتا تھاکہ مجھے قبض ہورہا ہے یعنی اگر مجھے واقعی قبض تھا تو اس کا احساس مجھے پہلے ہونا چاہیے تھا نہ کہ حافظ عبدالرحمن کو؟۔ کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ خواہ مخواہ مجھے قبض کا بیمار کیوں بنا رہا تھا۔ ہوٹل سے نکل کر میں ڈائریکٹر صاحب کے کمرے میں چلا گیا۔ وہ کرسی پر بیٹھے ہیرو، ولن اور تین چار ایکسٹریسوں کے ساتھ گپیں ہانک رہے تھے۔ آؤٹ ڈور شوٹنگ چونکہ بادلوں کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔ اس لیے سب کو چھٹی تھی۔ مجھے جب ہیرو کے پاس بیٹھے تین چار منٹ گزر گئے تو معلوم ہوا کہ حافظ عبدالرحمن کی باتیں ہورہی ہیں۔ میں ہمہ تن گوش ہو گیا۔ ایک ایکسٹرا نے اس کے خلاف کافی زہر اُگلا۔ دوسرے نے اس کی مختلف عادات کا مضحکہ اڑایا۔ تیسرے نے اس کے مکالمہ ادا کرنے کی نقل اتاری۔ ہیرو کو حافظ عبدالرحمن کے خلاف یہ شکایت تھی کہ وہ اس کی بول چال میں زبان کی غلطیاں نکالتا رہتا ہے، ولن نے ڈائریکٹر صاحب سے کہا۔

’’بڑا واہیات آدمی ہے صاحب، کل ایک آدمی سے کہہ رہا تھا کہ میرا ایکٹنگ بالکل فضول ہے۔ آپ اس کو ایک بار ذرا ڈانٹ پلا دیجیے‘‘

ڈائریکٹر صاحب مسکرا کر کہنے لگے

’’تم سب کو اس کے خلاف شکایت ہے مگر اسے میرے خلاف ایک زبردست شکایت ہے۔ ‘‘

تین چار آدمیوں نے اکٹھے پوچھا۔

’’وہ کیا۔ ‘‘

ڈائریکٹر صاحب نے پہلی مسکراہٹ کو طویل بنا کر کہا

’’وہ کہتا ہے کہ مجھے دائمی قبض ہے جس کے علاج کی طرف میں نے کبھی غور نہیں کیا۔ میں اس کو کئی بار یقین دِلا چکا ہُوں کہ مجھے قبض وبض نہیں ہے لیکن وہ مانتا ہی نہیں، ابھی تک اس بات پر اڑا ہوا ہے کہ مجھے قبض ہے۔ کئی علاج بھی مجھے بتا چکا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ مجھے اس طرح ممنون کرنا چاہتا ہے۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’وہ کیسے؟‘‘

’’یہ کہنے سے کہ مجھے قبض ہے اور پھر اس کا علاج بتانے سے۔ وہ مجھے ممنون ہی تو کرنا چاہتا ہے ورنہ پھر اس کا کیا مطلب ہو سکتا ہے؟۔ بات دراصل یہ ہے کہ اسے صرف اسی مرض کا علاج معلوم ہے یعنی اس کے پاس چند ایسی دوائیں موجود ہیں۔ جن سے قبض دور ہوسکتا ہے۔ چونکہ مجھے وہ خاص طور پر ممنون کرنا چاہتا ہے اس لیے ہر وقت اس تاک میں رہتا ہے کہ جونہی مجھے قبض ہو وہ فوراً علاج شروع کرکے مجھے ٹھیک کردے۔ آدمی دلچسپ ہے۔ ‘‘

ساری بات میری سمجھ میں آگئی اور میں نے زور زور سے ہنسنا شروع کردیا۔

’’ڈائریکٹر صاحب۔ آپ کے علاوہ حافظ صاحب کی نظرِ عنایت خاکسار پر بھی ہے۔ میں نے کل ان کا فوٹو اپنے پرچے میں چھپوایا ہے۔ اس احسان کا بدلہ اُتارنے کے لیے ابھی ابھی ہوٹل میں انھوں نے مجھے یقین دلانے کی کوشش کی کہ مجھے زبردست قبض ہو رہا ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ میں ان کے اس حملے سے بچ گیا اس لیے کہ مجھے قبض نہیں ہے۔ ‘‘

اس گفتگو کے چوتھے روز مجھے قبض ہو گیا، یہ قبض ابھی تک جاری ہے یعنی اس کو پورے دو مہینے ہو گئے ہیں۔ میں کئی پیٹنٹ دوائیں استعمال کر چکا ہُوں۔ مگر ابھی تک اس سے نجات حاصل نہیں ہُوئی۔ اب میں سوچتا ہُوں کہ حافظ عبدالرحمن کو اپنی خواہش پوری کرنے کا ایک موقع دے ہی دُوں۔ کیا حرج ہے؟۔ مجھے اس سے محبت تو ہے نہیں۔

سعادت حسن منٹو

قاسم

باورچی خانہ کی مٹ میلی فضا میں بجلی کا اندھا سا بلب کمزور روشنی پھیلا رہا تھا۔ سٹوو پر پانی سے بھری ہوئی کیتلی دھری تھی۔ پانی کا کھولاؤ اور سٹوو کے حلق سے نکلتے ہوئے شعلے مل جل کر مسلسل شور برپا کررہے تھے۔ انگیٹھیوں میں آگ کی آخری چنگاریاں راکھ میں سوگئی تھیں۔ دور کونے میں قاسم گیارہ برس کا لڑکابرتن مانجھنے میں مصروف تھا۔ یہ ریلوے انسپکٹر صاحب کا بوائے تھا۔ برتن صاف کرتے وقت یہ لڑکا کچھ گنگنا رہا تھا۔ یہ الفاظ ایسے تھے جو اس کی زبان سے بغیر کسی کوشش کے نکل رہے تھے۔

’’جی آیا صاحب! جی آیا صاحب!۔ بس ابھی صاف ہو جاتے ہیں صاحب۔ ‘‘

ابھی برتنوں کو راکھ سے صاف کرنے کے بعد انھیں پانی سے دھو کر قرینے سے رکھنابھی تھا۔ اور یہ کام جلدی سے نہ ہوسکتا تھا۔ لڑکے کی آنکھیں نیند سے بند ہوئی جارہی تھیں۔ سر سخت بھاری ہورہا تھا مگر کام کیے بغیر آرام۔ یہ کیونکر ممکن تھا۔ سٹوو بدستور ایک شور کے ساتھ نیلے شعلوں کو اپنے حلق سے اُگل رہا تھا۔ کیتلی کا پانی اسی انداز میں کِھل کھلا کر ہنس رہا تھا۔ دفعتاً لڑکے نے نیند کے ناقابل مغلوب حملے کو محسوس کرکے اپنے جسم کو ایک جنبش دی۔ اور

’’جی آیا صاحب‘‘

گنگناتا پھرکام میں مشغول ہو گیا۔ دیوار گیریوں پرچُنے ہوئے برتن سوئے ہوئے تھے۔ پانی کے نل سے پانی کی بوندیں نیچے میلی سل پر ٹپک رہی تھیں اور اداس آواز پیدا کررہی تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ فضا پر غنودگی سی طاری ہے۔ دفعتہً آواز بلند ہوئی۔

’’قاسم!۔ قاسم!‘‘

’’جی آیا صاحب!‘‘

لڑکا ان ہی الفاظ کی گردان کررہا تھا بھاگا بھاگا اپنے آقا کے پاس گیا۔ انسپکٹر صاحب نے گرج کرکہا۔

’’بیوقوف کے بچے آج پھر یہاں صراحی اور گلاس رکھنا بھول گیا ہے۔ ‘‘

’’ابھی لایا صاحب۔ ابھی لایا صاحب۔ ‘‘

کمرے میں صراحی اور گلاس رکھنے کے بعد وہ ابھی برتن صاف کرنے کے لیے گیا ہی تھا کہ پھر اُسی کمرے سے آواز آئی۔

’’قاسم۔ قاسم!‘‘

’’جی آیا صاحب!‘‘

قاسم بھاگتا ہوا پھر اپنے آقا کے پاس گیا۔

’’بمبئی کا پانی کس قدر خراب ہے۔ جاؤ پارسی کے ہوٹل سے سوڈا لیکر آؤ۔ بس بھاگے جاؤ۔ سخت پیاس لگ رہی ہے۔ ‘‘

’’بہت اچھا صاحب۔ ‘‘

قاسم بھاگا بھاگا گیا اور پارسی کے ہوٹل سے، جو گھر سے قریباً نصف میل کے فاصلے پر تھا، سوڈے کی بوتل لے آیا اور اپنے آقا کو گلاس میں ڈال کر دے دی۔

’’اب تم جاؤ۔ مگر اس وقت تک کیا کررہے ہو؟ برتن صاف نہیں ہوئے کیا؟‘‘

’’ابھی صاف ہو جاتے ہیں صاحب!‘‘

’’برتن صاف کرنے کے بعد میرے دونوں کالے شو پالش کردینا۔ مگر دیکھنا احتیاط رہے۔ چمڑے پر کوئی خراش نہ آئے۔ ورنہ۔ ‘‘

قاسم کو

’’ورنہ‘‘

کے بعد جملہ بخوبی معلوم تھا۔

’’بہت اچھا صاحب‘‘

کہہ کر وہ باورچی خانہ میں چلا گیا اور برتن صاف کرنے شروع کردیئے۔ اب نیند اس کی آنکھوں میں سمٹی چلی آرہی تھی۔ پلکیں آپس میں ملی جارہی تھیں، سر میں پگھلا ہوا سیسہ اتر رہا تھا۔ یہ خیال کرتے ہوئے کہ صاحب کے بوٹ بھی ابھی پالش کرنے ہیں قاسم نے اپنے سر کو زور سے جنبش دی اور وہی راگ الاپنا شروع کردیا۔

’’جی آیا صاحب۔ جی آیا صاحب! بوٹ صاف ہو جاتے ہیں صاحب۔ ‘‘

مگر نیند کا طوفان ہزار بند باندھنے پربھی نہ رکا۔ اب اسے محسوس ہوا کہ نیند ضرورغلبہ پاکے رہے گی۔ پرابھی برتنوں کو دھو کر انھیں اپنی جگہ پررکھنا باقی تھا۔ جب اس نے یہ سوچا تو ایک عجیب و غریب خیال اس کے دماغ میں آیا۔

’’بھاڑ میں جائیں برتن اور چولھے میں جائیں شو۔ کیوں نہ تھوڑی دیر اسی جگہ سو جاؤں اور پھر چند لمحہ آرام کرنے کے بعد۔ ‘‘

اس خیال کو باغیانہ تصور کرکے قاسم نے ترک کردیا۔ اور برتنوں پرجلدی جلدی راکھ ملنا شروع کردی۔ تھوڑی دیر کے بعد جب نیند پھر غالب آئی تو اس کے جی میں آئی کہ ابلتا ہو ا پانی اپنے سر پر انڈیل لے۔ اور اس طرح اس غیر مرئی طاقت سے جو اس کام میں حارج ہورہی تھی نجات پا جائے۔ مگر پانی اتنا گرم تھا کہ اس کے بھیجے تک کو پگھلا دیتا۔ چنانچہ منہ پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے مار مار کر اس نے باقی ماندہ برتن صاف کیے۔ یہ کام کرنے کے بعد اس نے اطمینان کا سانس لیا۔ اب وہ آرام سے سو سکتا تھا اور نیند۔ وہ نیند، جس کے لیے اس کی آنکھیں اور دماغ اس شدت سے انتظار کررہے تھے اب بالکل نزدیک تھی۔ باورچی خانے کی روشنی گل کرنے کے بعد قاسم نے باہر برآمدے میں اپنا بستر بچھا لیا اور لیٹ گیا۔ اس سے پہلے کہ نیند اسے اپنے نرم نرم بازوؤں میں تھام لے اس کے کان

’’شو شو‘‘

کی آواز سے گونج اٹھے۔

’’بہت اچھا صاحب۔ ابھی پالش کرتا ہوں۔ ‘‘

قاسم ہڑبڑا کے اٹھ بیٹھا۔ ابھی قاسم شُو کا ایک پیر بھی اچھی طرح پالش کرنے نہ پایا تھا کہ نیند کے غلبہ نے اسے وہیں سلا دیا۔ سورج کی لال لال کرنیں مکان کے شیشوں سے نمودار ہوئیں۔ مگر قاسم سویا رہا۔ جب انسپکٹر صاحب نے اپنے نوکر کو باہر برآمدے میں اپنے کالے جوتوں کے پاس سویا دیکھا تو اسے ٹھوکر مار کے جگاتے ہوئے کہا۔

’’یہ سور کی طرح یہاں بے ہوش پڑا ہے اور مجھے خیال تھا کہ اس نے شو صاف کرلیے ہونگے۔

’’نمک حرام!۔ ابے قاسم۔ ‘‘

’’جی آیا صاحب!‘‘

قاسم فوراً اٹھ بیٹھا۔ ہاتھ میں جب اس نے پالش کرنے کا برش دیکھا اور رات کے اندھیرے کی بجائے دن کی روشنی دیکھی تو اس کی جان خطا ہو گئی۔

’’میں سو گیا تھا صاحب! مگر۔ مگر شُو ابھی پالش ہو جاتے ہیں صاحب۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے جلدی جلدی پالش کرنا شروع کردیا۔ پالش کرنے کے بعد اس نے اپنا بستر بند کیا اور اسے اوپر کے کمرے میں رکھنے چلا گیا۔

’’قاسم!‘‘

’’جی آیا صاحب!‘‘

قاسم بھاگا ہوا نیچے آیا۔ اور اپنے آقا کے پاس کھڑا ہو گیا۔

’’دیکھو آج ہمارے یہاں مہمان آئیں گے اس لیے باورچی خانہ کے تمام برتن اچھی طرح صاف کررکھنا۔ فرش دُھلا ہوا ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ تمہیں ڈرائنگ روم کی تصویریں، میزیں اور کرسیاں بھی صاف کرنا ہونگی۔ سمجھے! خیال رہے میری میز پر ایک تیز دھار والا چاقو پڑاہے، اسے مت چھیڑنا! میں اب دفتر جارہا ہوں۔ مگر یہ کام دو گھنٹے سے پہلے پہلے ہو جائے۔ ‘‘

’’بہت بہتر صاحب۔ ‘‘

انسپکٹر صاحب دفتر چلے گئے۔ قاسم باورچی خانہ صاف کرنے میں مشغول ہو گیا۔ ڈیڑھ گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد اس نے باورچی خانہ کا سارا کام ختم کردیا۔ اور ہاتھ پاؤں صاف کرنے کے بعد جھاڑن لے کر ڈرائنگ روم میں چلا گیا۔ وہ ابھی کرسیوں کو جھاڑن سے صاف کررہا تھا کہ اس کے تھکے ہوئے دماغ میں ایک تصویر سی کھچ گئی۔ کیا دیکھتا ہے کہ اس کے گرد برتن ہی برتن پڑے ہیں اور پاس ہی راکھ کا ایک ڈھیر لگ رہاہے۔ ہوا زوروں پر چل رہی ہے جس سے وہ راکھ اڑ اڑ کر فضا کو خاکستری بنا رہی ہے۔ یکایک اس ظلمت میں ایک سرخ آفتاب نمودار ہوا جس کی کرنیں سرخ برچھیوں کی طرح ہر برتن کے سینے میں گُھس گئیں۔ زمین خون سے شرابور ہو گئی۔ قاسم دہشت زدہ ہو گیا۔ اور اس وحشت ناک تصور کو دماغ سے جھٹک کر

’’جی آیا صاحب، جی آیا صاحب‘‘

کہتا پھر اپنے کام میں مشغول ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس کے تصور میں ایک اور منتظر رقص کرنے لگا۔ چھوٹے چھوٹے لڑکے آپس میں کوئی کھیل کھیل رہے تھے۔ دفعتہً آندھی چلنے لگی جس کے ساتھ ہی ایک بدنما اور بھیانک دیو نمودار ہوا۔ یہ دیو ان سب لڑکوں کو نگل گیا۔ قاسم نے خیال کہ وہ دیو اس کے آقا کے ہم شکل تھا۔ گو کہ قدوقامت کے لحاظ سے وہ اس سے کہیں بڑا تھا۔ اب اس دیو نے زور زور سے ڈکارنا شروع کیا۔ قاسم سرسے پیر تک لرز گیا۔ ابھی تمام کمرہ صاف کرنا تھا۔ اور وقت بہت کم رہ گیا تھا۔ چنانچہ قاسم نے جلدی جلدی کرسیوں پر جھاڑن مارنا شروع کیا۔ کرسیوں کا کام ختم کرنے کے بعد وہ میز صاف کرنے کے لیے بڑھا تو اسے خیال آیا۔

’’آج مہمان آرہے ہیں۔ خدا معلوم کتنے برتن صاف کرنا پڑیں گے۔ نیند کمبخت پھر ستائے گی۔ مجھ سے تو کچھ بھی نہ ہو سکے گا۔ ‘‘

وہ یہ سوچ رہا تھا اور میز پر رکھی ہوئی چیزوں کو پونچھ رہاتھا۔ اچانک اسے قلمدان کے پاس ایک کھلا ہوا چاقو نظر آیا۔ وہی چاقو جس کے متعلق اس کے آقا نے کہا تھا بہت تیز ہے، چاقو کا دیکھنا تھا کہ اس کی زبان پر یہ لفظ خود بخود جاری ہو گئے۔

’’چاقو تیز دھار چاقو! یہی تمہاری مصیبت ختم کرسکتا ہے۔ ‘‘

کچھ اور سوچے بغیر قاسم نے تیز دھار چاقو اٹھا کے اپنی انگلی پر پھیر لیا۔ اب وہ شام کو برتن صاف کرنے کی زحمت سے بہت دور تھا اور نیند۔ پیاری پیاری نیند اسے بآسانی نصیب ہوسکتی تھی۔ انگلی سے خون کی سرخ دھار بہہ رہی تھی۔ سامنے والی دوات کی سرخ روشنائی سے کہیں چمکیلی۔ قاسم اس خون کی دھار کو مسرت بھری نظروں سے دیکھ رہا تھا۔ اور منہ میں گنگنا رہا تھا۔

’’نیند، نیند۔ پیاری نیند۔ ‘‘

تھوڑی دیربعد وہ بھاگا ہوا اپنے آقا کی بیوی کے پاس گیا جو زنانخانہ میں بیٹھی سلائی کررہی تھی۔ اور اپنی انگلی دکھا کر کہنے لگا۔

’’دیکھیے بی بی جی‘‘

’’ارے قاسم یہ تو نے کیا کیا؟۔ کم بخت، صاحب کے چاقو کو چھیڑا ہو گا تو نے!‘‘

قاسم مسکرا دیا۔

’’بی بی جی۔ بس میز صاف کررہا تھا کہ اس نے کاٹ کھایا۔ ‘‘

’’سؤر اب ہنستا ہے، ادھر آ، میں اس پر کپڑا باندھ دوں۔ پر اب یہ تو بتا کہ آج یہ برتن تیرا باپ صاف کرے گا؟‘‘

قاسم اپنی فتح پر جی ہی جی میں بہت خوش ہوا۔ انگلی پر پٹی بندھوا کر قاسم پھر کمرے میں چلا آیا۔ میز پر سے خون کے دھبے صاف کرنے کے بعد اس نے خوشی خوشی اپنا کام ختم کردیا۔ سامنے طوطے کا پنجرہ لٹک رہا تھا۔ اس کی طرف دیکھ کر قاسم نے مسرت بھرے لہجہ میں کہا۔

’’اب اس نمک حرام باورچی کو برتن صاف کرنے ہوں گے۔ اور ضرور صاف کرنے ہونگے۔ کیوں میاں مٹھو؟‘‘

شام کے وقت مہمان آئے اور چلے گئے۔ باورچی خانہ میں جھوٹے برتنوں کا ایک طومار سا لگ گیا۔ انسپکٹر صاحب قاسم کی انگلی دیکھ کر بہت برسے اور جی کھول کر اسے گالیاں دیں۔ مگر اسے مجبور نہ کرسکے۔ شاید اس وجہ سے کہ ایک بار ان کی اپنی انگلی میں قلم تراش چبھ جانے سے بہت درد ہوا تھا۔ آقا کی خفگی آنے والی مسرت نے بھلا دی اور قاسم کودتا پھاندتا اپنے بستر پر جالیٹا۔ تین چار روز تک وہ برتن صاف کرنیکی زحمت سے بچا رہا۔ مگر اس کے بعد انگلی کا زخم بھر آیا۔ اب وہی مصیبت پھر نمودار ہو گئی۔

’’قاسم۔ صاحب کی جُرابیں اور قمیض دھو ڈ الو۔ ‘‘

’’بہت اچھا بی بی جی۔ ‘‘

’’قاسم اس کمرے کا فرش کتنا میلا ہورہا ہے۔ پانی لاکر ابھی صاف کرو۔ دیکھنا کوئی داغ دھبہ باقی نہ رہے!‘‘

’’بہت اچھا صاحب۔ ‘‘

’’قاسم، شیشے کے گلاس کتنے چکنے ہورہے ہیں، انھیں نمک سے ابھی ابھی صاف کرو۔ ‘‘

’’ابھی کرتا ہوں بی بی جی۔ ‘‘

’’قاسم، ابھی بھنگن آرہی ہے۔ تم پانی ڈالتے جانا۔ وہ سیڑھیاں دھو ڈالے گی۔ ‘‘

’’بہت اچھا صاحب۔ ‘‘

’’قاسم ذرا بھاگ کے ایک آنہ کا دہی تو لے آنا!‘‘

’’ابھی چلا بی بی جی۔ ‘‘

پانچ روز اس قسم کے احکام سننے میں گزر گئے۔ قاسم کام کی زیادتی اور آرام کے قحط سے تنگ آگیا۔ ہر روز اسے نصف شب تک کام کرنا پڑتا۔ پھر بھی علی الصباح چار بجے کے قریب بیدار ہو کر ناشتے کے لیے چائے تیار کرنا پڑتی۔ یہ کام قاسم کی عمر کے لڑکے کے لیے بہت زیادہ تھا۔ ایک روز انسپکٹر صاحب کی میز صاف کرتے وقت اس کا ہاتھ خود بخود چاقو کی طرف بڑھا۔ اور ایک لمحہ کے بعد اس کی اگلی سے خون بہنے لگا۔ انسپکٹر صاحب اور ان کی بیوی قاسم کی اس حر کت پرسخت خفا ہوئے۔ چنانچہ سزا کی صورت میں اسے شام کا کھانا نہ دیا گیا۔ مگر قاسم خوش تھا۔ ایک وقت روٹی نہ ملی۔ انگلی پر معمولی سا زخم آگیا۔ مگر برتنوں کا انبار صاف کرنے سے تو نجات ملی گئی۔ یہ سودا کیا بُرا ہے؟ چند دنوں کے بعد اس کی انگلی کا زخم ٹھیک ہو گیا۔ اب پھر کام کی وہی بھرمار تھی۔ پندرہ بیس روز گدھوں کی سی مشقت میں گزر گئے۔ اس عرصہ میں قاسم نے بارہا ارادہ کیا کہ چاقو سے پھر انگلی زخمی کرلے۔ مگر اب میز پر سے وہ چاقو اٹھا لیا گیا تھا اور باورچی خانہ والی چھری کُند تھی۔ ایک روز باورچی بیمار پڑ گیا۔ اب قاسم کو ہر وقت باورچی خانہ میں رہنا پڑا۔ کبھی مرچیں پیستا، کبھی آٹا گوندھتا، کبھی کوئلے سلگاتا، غرض صبح سے لیکر شام تک اس کے کانوں میں

’’ابے قاسم یہ کر! ابے قاسم وہ کر!‘‘

کی صدا گونجتی رہتی۔ باورچی دو روز تک نہ آیا۔ قاسم کی ننھی سی جان اور ہمت جواب دے گئی۔ مگر سوائے کام کے اور چارہ ہی کیا تھا۔ ایک روز انسپکٹر صاحب نے اسے الماری صاف کرنے کو کہا۔ جس میں ادویات کی شیشیاں اور مختلف چیزیں پڑی تھیں۔ الماری صاف کرتے وقت اسے داڑھی مونڈنے کا ایک بلیڈ نظر آیا۔ بلیڈ پکڑتے ہی اس نے اپنی انگلی پر پھیر لیا۔ دھار تھی بہت تیز انگلی میں دور تک چلی گئی۔ جس سے بہت بڑا زخم بن گیا۔ قاسم نے بہت کوشش کی کہ خون نکلنا بند ہو جائے مگر زخم کا منہ بڑا تھا۔ سیروں خون پانی کی طرح بہہ گیا۔ یہ دیکھ کرقاسم کا رنگ کاغذ کی مانند سپید ہو گیا۔ بھاگا ہوا انسپکٹر صاحب کی بیوی کے پاس گیا۔

’’بی بی جی، میری انگلی میں صاحب کا استرا لگ گیا ہے۔ ‘‘

جب انسپکٹر صاحب کی بیوی نے قاسم کی انگلی کو تیسری مرتبہ زخمی دیکھا تو فوراً معاملے کو سمجھ گئی۔ چپ چاپ اٹھی اور کپڑا نکال کر اس کی انگلی پر باندھ دیا اور کہا۔

’’قاسم!اب تم ہمارے گھر میں نہیں رہ سکتے۔ ‘‘

’’کیوں بی بی جی۔ ‘‘

یہ صاحب سے پوچھنا۔ صاحب کا نام سنتے ہی قاسم کارنگ اور پیلا پڑ گیا۔ چار بجے کے قریب انسپکٹر صاحب دفتر سے لوٹے اور اپنی بیوی سے قاسم کی نئی حرکت سن کر اسے فوراً اپنے پاس بلایا۔

’’کیوں میاں یہ انگلی ہر روز زخمی کرنے کیا معنی؟‘‘

قاسم خاموش کھڑارہا۔

’’تم نوکر لوگ یہ سمجھتے ہو کہ ہم اندھے ہیں اور ہمیں بار بار دھوکا دیا جاسکتا ہے۔ اپنا بوریہ بستر دبا کر ناک کی سیدھ میں یہاں سے بھاگ جاؤ۔ ہمیں تم جیسے نوکروں کی ضرورت نہیں ہے۔ سمجھے!‘‘

’’مگر۔ مگر صاحب۔ ‘‘

’’صاحب کا بچہ۔ بھاگ جا یہاں سے، تیری بقایا تنخواہ کا ایک پیسہ بھی نہیں دیا جائے گا۔ اب میں اور کچھ نہیں سننا چاہتا۔ ‘‘

قاسم کو افسوس نہ ہوا بلکہ اسے خوشی محسوس ہوئی کہ چلو کام سے کچھ دیر کے لیے چھٹی مل گئی۔ گھر سے نکل وہ اپنی زخمی انگلی سے بے پروا سیدھا چوپاٹی پہنچا اور وہاں ساحل کے پاس ایک بنچ پر لیٹ گیا اور خوب سویا۔ چند دنوں کے بعد اس کی انگلی کا زخم بد احتیاطی کے باعث سیپٹک ہو گیا۔ سارا ہاتھ سوج گیا۔ جس دوست کے پاس وہ ٹھہرا تھا اس نے اپنی دانست کے مطابق اس کا بہتر علاج کیا مگر تکلیف بڑھتی گئی۔ آخر قاسم خیراتی ہسپتال میں داخل ہو گیا۔ جہاں اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا۔ اب جب کبھی قاسم اپنا کٹا ہوا ٹنڈ منڈ ہاتھ بڑھا کر فلورا فاؤنٹین کے پاس لوگوں سے بھیک مانگتا ہے تو اسے وہ بلیڈ یاد آجاتا ہے جس نے اسے بہت بڑی مصیبت سے نجات دلائی۔ اب وہ جس وقت چاہے سر کے نیچے اپنی گدڑی رکھ کر فٹ پاتھ پرسو سکتا ہے۔ اس کے پاس ٹین کا ایک چھوٹا سا بھبھکا ہے جس کو کبھی نہیں مانجھتا، اس لیے کہ اسے انسپکٹر صاحب کے گھر کے وہ برتن یاد آجاتے ہیں جو کبھی ختم ہونے میں نہیں آتے تھے۔

سعادت حسن منٹو

قادرا قصائی

عیدن بائی آگرے والی چھوٹی عید کو پیدا ہوئی تھی‘ یہی وجہ ہے کہ اس کی ماں زہرہ جان نے اس کا نام اسی مناسبت سے عیدن رکھا۔ زہرہ جان اپنے وقت کی بہت مشہور گانے والی تھی‘ بڑی دُور دُور سے رئیس اس کا مجرا سننے کے لیے آتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ میرٹھ کے ایک تاجر عبداﷲ سے جو لاکھوں میں کھیلتا تھا ‘ اسے محبت ہو گئی‘ اُس نے چنانچہ اسی جذبے کے ماتحت اپنا پیشہ چھوڑ دیا۔ عبداﷲ بہت متاثر ہوا اور اس کی ماہوار تنخواہ مقرر کر دی کوئی تین سو کے قریب۔ ہفتے میں تین مرتبہ اُس کے پاس آتا، رات ٹھہرتا۔ صبح سویرے وہاں سے روانہ ہو جاتا۔ جو شخص زہرہ جان کو جانتے ہیں اور آگرے کے رہنے والے ہیں اُن کا یہ بیان ہے کہ اُس کا چاہنے والا ایک بڑھئی تھا مگر وہ اُسے منہ نہیں لگاتی تھی۔ وہ بیچارہ ضرورت سے زیادہ محنت و مشقت کرتا اور تین چار مہینے کے بعد روپے جمع کر کے زہرہ جان کے پاس جاتا مگر وہ اُسے دُھتکار دیتی۔ آخر ایک روز اُس بڑھئی کو زہرہ جان سے مفصل گفتگو کرنے کا موقعہ مل ہی گیا‘ پہلے تو وہ کوئی بات نہ کر سکا۔ اس لیے کہ اس پر اپنی محبوبہ کے حسن کا رعب طاری تھا لیکن اُس نے تھوڑی دیر کے بعد جرأت سے کام لیا اور اُس سے کہا:

’’زہرہ جان۔ میں غریب آدمی ہوں‘ مجھے معلوم ہے کہ بڑے بڑے دھن والے تمہارے پاس آتے ہیں اور تمہاری ہر ادا پر سینکڑوں روپے نچھاور کرتے ہیں۔ لیکن تمھیں شاید یہ بات معلوم نہیں کہ غریب کی محبت دھن دولت والوں کے لاکھوں روپوں سے بڑی ہوتی ہے۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں۔ معلوم نہیں کیوں‘‘

زہرہ جان ہنسی‘ اس ہنسی سے بڑھئی کا دل مجروح ہو گیا

’’تم ہنستی ہو۔ میری محبت کا مذاق اُڑاتی ہو‘ اس لیے کہ یہ کنگلے کی محبت ہے جو لکڑیاں چیر کر اپنی روزی کماتا ہے۔ یاد رکھو یہ تمہارے لاکھوں میں کھیلنے والے تمھیں وہ محبت اور پیار نہیں دے سکتے جو میرے دل میں تمہارے لیے موجود ہے‘‘

زہرہ جان اُکتا گئی‘ اُس نے اپنے ایک میراثی کو بلایا اور اس سے کہا کہ بڑھئی کو باہر نکال دو ‘ لیکن وہ اس سے پہلے ہی چلا گیا۔ ایک برس کے بعد عیدن پیدا ہوئی۔ اس کا باپ عبداﷲ تھا یا کوئی اور‘ اس کے متعلق کوئی بھی وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتا‘ بعض کا خیال ہے کہ وہ غازی آباد کے ایک ہندو سیٹھ کے نطفے سے ہے۔ کسی کے نطفے سے بھی ہو مگر بلا کی خوبصورت تھی۔ اِدھر زہرہ جان کی عمر ڈھلتی گئی‘ اُدھر عیدن جوان ہوتی گئی‘ اُس کی ماں نے اُس کو موسیقی کی بڑی اچھی تعلیم دی‘ لڑکی ذہین تھی‘ کئی اُستادوں سے اُس نے سبق لیے اور اُن سے داد وصول کی۔ زہرہ جان کی عمر اب چالیس برس کے قریب ہو گئی‘ وہ اب اُس منزل سے گزر چکی تھی جب کسی طوائف میں کشش باقی رہتی ہے‘ وہ اپنی اکلوتی لڑکی عیدن کے سہارے جی رہی تھی‘ ابھی تک اُس نے اُس سے مجرا نہیں کرایا تھا۔ وہ چاہتی تھی کہ بہت بڑی تقریب ہو جس کا افتتاح کوئی راجہ نواب کرے۔ عیدن بائی کے حسن کے چرچے عام تھے۔ دُور دُور تک عیاش رئیسوں میں اس کے تذکرے ہوتے تھے‘ وہ اپنے ایجنٹوں کو زہرہ جان کے پاس بھیجتے اور عیدن کی نتھنی اُتارنے کے لیے اپنی اپنی پیش کش بھیجتے‘ مگر اُس کو اتنی جلدی نہیں تھی‘ وہ چاہتی تھی کہ مسّی کی رسم بڑی دھوم دھام سے ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ قیمت وصول کرے۔ اس کی لڑکی لاکھوں میں ایک تھی‘ سارے شہر میں اُس جیسی حسین لڑکی اور کوئی نہیں تھی۔ اُس کے حسن کی نمائش کرنے کے لیے وہ ہر جمعرات کی شام کو اُس کے ساتھ پیدل باہر سیر کو جاتی‘ عشق پیشہ مرد اس کو دیکھتے تو دل تھام تھام لیتے۔ پھنسی پھنسی چولی میں گدرایا ہوا جوبن‘ سڈول بانھیں‘ مخروطی انگلیاں جن کے ناخنوں پر جیتا جیتا لہو‘ ایسا رنگ ‘ ٹھمکا سا قد‘ گھنگریالے بال۔ قدم قدم پر قیامت ڈھاتی تھی۔ آخر ایک روز زہرہ جان کی اُمید بَر آئی۔ ایک نواب عیدن پر ایسا لٹّو ہوا کہ وہ منہ مانگے دام دینے پر رضامند ہو گیا۔ زہرہ جان نے اپنی بیٹی کی مسّی کی رسم کے لیے بڑا اہتمام کیا‘ کئی دیگیں پلاؤ اور متنجن کی چڑھائی گئیں۔ شام کو نواب صاحب اپنی بگھی میں آئے‘ زہرہ جان نے ان کی بڑی آؤ بھگت کی۔ نواب صاحب بہت خوش ہوئے‘ عیدن دولہن بنی ہوئی تھی ‘ نواب صاحب کے ارشاد کے مطابق اُس کا مجرا شروع ہوا۔ پھٹ پڑنے والا شباب تھا جو محوِ نغمہ سرائی تھا۔ عیدن اُس شام بلا کی خوبصورت دکھائی دے رہی تھی‘ اُس کی ہر جنبش ‘ ہر ادا ‘ اس کے گانے کی ہر سُر زہد شکن تھی۔ نواب صاحب گاؤ تکیے کا سہارا لیے بیٹھے تھے۔ انھوں نے سوچا کہ آج رات وہ جنت کی سیر کریں گے جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوئی۔ وہ یہ سوچ ہی رہے تھے کہ اچانک ایک بے ہنگم سا آدمی اندر داخل ہوا اور زہرہ جان کے پاس بیٹھ گیا‘ وہ بہت گھبرائی‘ یہ وہی بڑھئی تھا۔ اُس کا عاشقِ راز‘ بہت میلے اور گندے کپڑے پہنے تھا۔ نواب صاحب کو جو بہت نفاست پسند تھے ‘ ابکائیاں آنے لگیں۔ انھوں نے زہرہ جان سے کہا :

’’یہ کون بدتمیز ہے؟‘‘

بڑھئی مسکرایا‘

’’حضور! میں ان کا عاشق ہوں‘‘

نواب صاحب کی طبیعت اور زیادہ مکدّر ہو گئی‘ زہرہ جان‘ نکالو اس حیوان کو باہر‘‘

بڑھئی نے اپنے تھیلے سے آری نکالی اور بڑی مضبوطی سے زہرہ جان کو پکڑ کر اُس کی گردن پر تیزی سے چلانا شروع کر دی‘ نواب صاحب اور میراثی وہاں سے بھاگ گئے ‘ عیدن بیہوش ہو گئی۔ بڑھئی نے اپنا کام بڑے اطمینان سے ختم کیا اور لہو بھری آری اپنے تھیلے میں ڈال کر سیدھا تھانے گیا اور اقبالِ جرم کر لیا۔ کہا جاتا ہے کہ اُسے عمر قید ہو گئی تھی۔ عیدن کو اپنی ماں کے قتل ہونے کا اس قدر صدمہ ہوا کہ وہ دو اڑھائی مہینے تک بیمار رہی۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ وہ زندہ نہیں رہے گی مگر آہستہ آہستہ اس کی طبیعت سنبھلنے لگی اور وہ اس قابل ہو گئی کہ چل پھر سکے۔ ہسپتال میں اس کی تیمار داری صرف اُس کے استاد اور میراثی ہی کرتے تھے۔ وہ نواب اور رئیس جو اس پر اپنی جان چھڑکتے تھے‘ بُھولے سے بھی اس کو پوچھنے کے لیے نہ آئے۔ وہ بہت دل برداشتہ ہو گئی۔ وہ آگرہ چھوڑ کر دہلی چلی آئی۔ مگر اس کی طبیعت اتنی اُداس تھی کہ اس کا جی قطعاً مجرا کرنے کو نہیں چاہتا تھا۔ اُس کے پاس بیس پچیس ہزار روپے کے زیورات تھے جن میں آدھے اس کی مقتول ماں کے تھے وہ انھیں بیچتی رہی اور گزارہ کرتی رہی۔ عورت کو زیور بڑے عزیز ہوتے ہیں‘ اس کو بڑا دُکھ ہوتا تھا جب وہ کوئی چُوڑی یا نکلس اونے پونے داموں بیچتی تھی۔ عجب عالم تھا‘ خون پانی سے بھی ارزاں ہو رہا تھا۔ مسلمان دھڑا دھڑ پاکستان جا رہے تھے کہ ان کی جانیں محفوظ رہیں۔ عیدن نے بھی فیصلہ کر لیا کہ وہ دہلی میں نہیں رہے گی۔ لاہور چلی آئے گی۔ بڑی مشکلوں سے اپنے کئی زیورات بیچ کر وہ لاہور پہنچ گئی لیکن راستے میں اس کی تمام بیش قیمت پشوازیں اور باقی ماندہ زیور اس کے اپنے بھائی مسلمانوں ہی نے غائب کر دیے۔ جب وہ لاہور پہنچی تو وہ لُٹی پٹی تھی۔ لیکن اس کا حسن ویسے کا ویسا تھا۔ دہلی سے لاہور آتے ہوئے ہزاروں للچائی ہوئی آنکھوں نے اُس کی طرف دیکھا مگر اس نے بے اعتنائی برتی۔ وہ جب لاہور پہنچی تو اس نے سوچا کہ زندگی بسر کیسے ہو گی؟ اُس کے پاس تو چنے کھانے کے لیے بھی چند پیسے نہیں تھے لیکن لڑکی ذہین تھی‘ سیدھی اُس جگہ پہنچی جہاں ان کی ہم پیشہ رہتی تھیں‘ یہاں اس کی بڑی آؤ بھگت کی گئی۔ ان دنوں لاہور میں روپیہ عام تھا‘ ہندو جو کچھ یہاں چھوڑ گئے تھے‘ مسلمانوں کی ملکیت بن گیا تھا۔ ہیرا منڈی کے وارے نیارے تھے۔ عیدن کو جب لوگوں نے دیکھا تو وہ اس کے عاشق ہو گئے۔ رات بھر اُس کو سینکڑوں گانے سننے والوں کی فرمائشیں پوری کرنا پڑتیں۔ صبح چار بجے کے قریب جب کہ اُس کی آواز جواب دے چکی ہوتی وہ اپنے سامعین سے معذرت طلب کرتی اور اوندھے منہ اپنی چارپائی پر لیٹ جاتی۔ یہ سلسلہ قریب قریب ڈیڑھ برس تک جاری رہا۔ عیدن اس کے بعد ایک علیحدہ کوٹھا کرایے پر لے کر وہاں اُٹھ آئی‘ چونکہ جہاں وہ مقیم تھی‘ اس نائکہ کو اسے اپنی آدھی آمدن دینا پڑتی تھی۔ جب اُس نے علیحدہ اپنے کوٹھے پر مجرا کرنا شروع کیا تو اُس کی آمدن میں اضافہ ہو گیا۔ اب اسے ہر قسم کی فراغت حاصل تھی‘ اس نے کئی زیور بنا لیے‘ کپڑے بھی اچھے سے اچھے تیار کرا لیے۔ اُسی دوران میں اس کی ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی جو بلیک مارکیٹ کا بادشاہ تھا‘ اُس نے کم از کم دو کروڑ روپے کمائے تھے‘ خوبصورت تھا‘ اُس کے پاس تین کاریں تھیں ‘ پہلی ہی ملاقات پر وہ عیدن کے حسن سے اس قدر متاثر ہوا کہ اُس نے اپنی کھڑی سفید پیکارڈ اُس کے حوالے کر دی۔ اس کے علاوہ وہ ہر شام آتا اور کم از کم دو ڈھائی سو روپے اُس کی نذر ضرور کرتا۔ ایک شام وہ آیا تو چاندنی کسی قدر میلی تھی‘ اُس نے عیدن سے پوچھا

’’کیا بات ہے آج تمہاری چاندنی اتنی گندی ہے‘‘

عیدن نے ایک ادا کے ساتھ جواب دیا

’’آج کل لٹھا کہاں ملتا ہے؟‘‘

دوسرے دن اُس بلیک مارکیٹ بادشاہ نے چالیس تھان لٹھے کے بھجوا دیے‘ اُس کے تیسرے روز بعد اُس نے ڈھائی ہزار روپے دیے کہ عیدن اپنے گھر کی آرائش کا سامان خرید لے۔ عیدن کو اچھا گوشت کھانے کا بہت شوق تھا‘ جب وہ آگرے اور دلّی میں تھی تو اُسے عمدہ گوشت نہیں ملتا تھا مگر لاہور میں اُسے قادرا قصائی بہترین گوشت مہیا کرتا تھا۔ بغیر ریشے کے‘ ہر بوٹی ایسی ہوتی تھی جیسے ریشم کی بنی ہو۔

’’دُکان پر اپنا شاگرد بٹھا کر قادرا صبح سویرے آتا اور ڈیڑھ سیر گوشت جس کی بوٹی بوٹی پھڑک رہی ہوتی‘ عیدن کے حوالے کر دیتا‘ اس سے دیر تک باتیں کرتا رہتا جو عام طور پر گوشت ہی کے بارے میں ہوتیں۔ بلیک مارکیٹ کا بادشاہ جس کا نام ظفر شاہ تھا‘ عیدن کے عشق میں بہت بُری طرح گرفتار ہو چکا تھا‘ اُس نے ایک شام عیدن سے کہا کہ وہ اپنی ساری جائیداد‘ منقولہ اور غیرمنقولہ اُس کے نام منتقل کرنے کے لیے تیار ہے‘ اگر وہ اس سے شادی کر لے۔ مگر عیدن نہ مانی‘ ظفر شاہ بہت مایوس ہوا۔ اُس نے کئی بار کوشش کی کہ عیدن اُس کی ہو جائے مگر ہر بار اُسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ مجرے سے فارغ ہو کر رات کے دو تین بجے کے قریب باہر نکل جاتی تھی‘ معلوم نہیں کہاں۔ ایک رات جب ظفر شاہ اپنا غم غلط کر کے۔ یعنی شراب پی کر پیدل ہی چلا آ رہا تھا کہ اس نے دیکھا کہ سائیں۔ کے تکیے کے باہر عیدن ایک نہایت بدنما آدمی کے پاؤں پکڑے التجائیں کر رہی ہے کہ خدا کے لیے مجھ پر نظر کرم کرو‘ میں دل و جان سے تم پر فدا ہوں۔ تم اتنے ظالم کیوں ہو۔ اور وہ شخص جسے غور سے دیکھنے پر ظفر شاہ نے پہچان لیا کہ قادرا قصائی ہے‘ اُسے دُھتکار رہا ہے۔

’’جا۔ ہم نے آج تک کسی کنجری کو منہ نہیں لگایا۔ مجھے تنگ نہ کیا کر‘‘

قادرا اُسے ٹھوکریں مارتا رہا اور عیدن اُسی میں لذت محسوس کرتی رہی۔ ۲۴، مئی ۵۴ء

سعادت حسن منٹو

فوبھا بائی

حیدر آباد سے شہاب آیا تو اس نے بمبئے سنٹرل اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر پہلا قدم رکھتے ہی حنیف سے کہا۔

’’دیکھو بھائی۔ آج شام کو وہ معاملہ ضرور ہو گا ورنہ یاد رکھو میں واپس چلا جاؤں گا۔ ‘‘

حنیف کو معلوم تھا کہ

’’وہ معاملہ‘‘

کیا ہے۔ چنانچہ شام کو اس نے ٹیکسی لی۔ شہاب کو ساتھ لیا۔ گرانٹ روڈ کے ناکے پر ایک دلال کو بلایا اور اس سے کہا۔

’’میرے دوست حیدر آباد سے آئے ہیں۔ ان کے لیے اچھی چھوکری چاوئے۔ ‘‘

دلال نے اپنے کان سے اڑسی ہوئی بیڑی نکالی اور اس کو ہونٹوں میں دبا کر کہا۔

’’دکنی چلے گی؟‘‘

حنیف نے شہاب کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا۔ شہاب نے کہا نہیں بھائی۔ مجھے کوئی مسلمان چاہیے‘‘

’’مسلمان؟‘‘

دلال نے بیڑی کو چوسا

’’چلیے‘‘

اور یہ کہہ کر وہ ٹیکسی کی اگلی نشست پر بیٹھ گیا۔ ڈرائیور اس نے کچھ کہا۔ ٹیکسی اسٹارٹ ہوئی اور مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی فورجٹ اسٹریٹ کی ساتھ والی گلی میں داخل ہوئی یہ گلی ایک پہاڑی پر تھی۔ بہت اونچان تھی۔ ڈرائیور نے گاڑی کو فرسٹ گیئر میں ڈالا۔ حنیف کو ایسا محسوس ہوا کہ راستے میں ٹیکسی رک کر واپس چلنا شروع کردیگی۔ مگر ایسا نہ ہوا دلال نے ڈرائیور کو اونچان کے عین آخری سرے پر جہاں چوک سا بنا تھا رکنے کے لیے کہا۔ حنیف کبھی اس طرف نہیں آیا تھا۔ اونچی پہاڑی تھی جس کے دائیں طرف ایک دم ڈھلان تھی۔ جس بلڈنگ میں دلال داخل ہوا اس کی طرف دومنزلیں تھیں حالانکہ دوسری طرف کی بلڈنگ سب کی سب چار منزلہ تھیں۔ حنیف کو بعد میں معلوم ہوا کہ ڈھلان کے باعث اس بلڈنگ کی تین منزلیں نیچے تھیں جہاں لفٹ جاتی تھی۔ شہاب اور حنیف دونوں خاموش بیٹھے رہے۔ انھوں نے کوئی بات نہ کی۔ راستے میں دلال نے اس لڑکی کی بہت تعریف کی تھی جس کو لانے وہ اس بلڈنگ میں گیا تھا۔ اس نے کہا تھا

’’بڑے اچھے خاندان کی لڑکی ہے۔ اسپیشل طور پر آپ کے لیے نکال رہا ہوں۔ ‘‘

دونوں سوچ رہے تھے یہ لڑکی کیسی ہو گی جو اسپیشل طور پر نکالی جارہی ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد دلال نمودار ہوا وہ اکیلا تھا۔ ڈرائیور سے اس نے کہا

’’گاڑی واپس کرو‘‘

یہ کہہ کر وہ اگلی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ گاڑی ایک چکر لے کر مڑی۔ تین چار بلڈنگ چھوڑ کر دلال نے ڈرائیور سے کہا

’’روک لو‘‘

پھر حنیف سے مخاطب ہوا

’’آرہی ہے۔ پوچھ رہی تھی کیسے آدمی ہیں، میں نے کہا نمبر ون‘‘

دس پندرہ منٹ کے بعد ایک دم ٹیکسی کا دروازہ کھلا۔ اور ایک عورت حنیف کے ساتھ بیٹھ گئی۔ رات کا وقت تھا۔ گلی میں روشنی کم تھی۔ اس لیے شہاب اور حنیف دونوں اس کو اچھی طرح نہ دیکھ سکے۔ سیٹ پر بیٹھتے ہی اس نے کہا

’’چلو‘‘

ٹیکسی تیزی سے نیچے اترنے لگی۔ حنیف کے پاس کوئی ایسی جگہ نہ تھی جہاں کوئی معاملہ ہوسکے چنانچہ جیسا طے پایا تھا۔ وہ ڈاکٹر خاں صاحب کے ہاں چلے گئے وہ ملٹری ہاسپیٹل میں متعین تھا اور اس کو وہیں دو کمرے ملے ہوئے تھے۔ شہاب نے بمبئی آتے ہی اس کو فون کردیا تھا کہ وہ حنیف کے ساتھ رات کو اسکے پاس آئے گا اور معاملہ ساتھ ہو گا، چنانچہ ٹیکسی ملٹری ہسپتال میں پہنچی۔ دلال سو روپیہ لے کر گرانٹ روڈ پر اتر گیا۔ راستے میں بھی شہاب اور حنیف اس عورت کو اچھی طرح نہ دیکھ سکے۔ کوئی خاص باتیں بھی نہ ہوئیں۔ شہاب نے جب اس سے اپنے ٹھیٹ حیدر آبادی لہجے میں پوچھا

’’آپ کا اسمِ گرمی‘‘

تو اس عورت نے کہا۔

’’فوبھابائی‘‘

’’فوبھا بائی؟‘‘

حنیف سوچتا رہ گیا کہ یہ کیسا نام ہے۔ ڈاکٹر خان ان کا انتظار کررہا تھا سب سے پہلے شہاب کمرے میں داخل ہوا۔ دونوں گلے ملے اور خواب ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ ڈاکٹر خان نے جب ایک جوان عورت کو دروازے میں دیکھا تو ایک دم خاموش ہو گیا۔

’’آئیے آئیے‘‘

اس نے اپنے سینے پر ہاتھ ر کھا۔

’’ڈاکٹر خان۔ آپ؟‘‘

اُس نے شہاب کی طرف دیکھا۔ شہاب نے اس عورت کی طرف دیکھا۔ عورت نے کہا

’’فوبھا بائی‘‘

ڈاکٹر خان نے بڑھ کر اس سے ہاتھ ملایا

’’آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ ‘‘

فوبھا بائی مسکرائی

’’مجھے بھی خُفی ہوئی۔ ‘‘

شہاب اور حنیف نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ ڈاکٹر خان نے دروازہ بند کردیا اور اپنے دوستوں سے کہا

’’آپ دوسرے کمرے میں چلے جائیے۔ مجھے کچھ کام کرنا ہے۔ ‘‘

شہاب نے جب فوبھا بائی سے کہا

’’چلیے تو اس نے ڈاکٹر خان کا ہاتھ پکڑ لیا، نہیں آپ بھی تشریف لائیے‘‘

’’آپ تشریف لے چلیے میں آتا ہوں‘‘

یہ کہہ کر ڈاکٹر خان نے اپنا ہاتھ چُھڑا لیا۔ شہاب اور حنیف فوبھا بائی کو اندر لے گئے۔ تھوڑی دیر گفتگو ہوئی تو اس کو معلوم ہوا کہ اسکی زبان موٹی تھی۔ وہ شین اور سین ادا نہیں کرسکتی تھی۔ اس کے بدلے اس کے منہ سے فے نکلتی تھی۔ اس کا نام اس لحاظ سے شوبھا بائی تھا۔ لیکن کچھ دیر اور باتیں کرنے کے بعد ان کو پتہ چلا کہ شوبھا اس کا اصلی نام نہیں تھا۔ وہ مسلمان تھی جے پور اس کا وطن تھا جہاں سے وہ چار سال ہوئے بھاگ کر بمبئی چلی آئی تھی۔ اس سے زیادہ اس نے اپنے حالات نہ بتائے۔ معمولی شکل و صورت تھی۔ آنکھیں بڑی نہیں تھیں۔ ناک بھی خوش وضع تھی۔ بالائی ہونٹ کے عین درمیان ایک چھوٹے سے زخم کا نشان تھا۔ جب وہ بات کرتی تو یہ نشان تھوڑا سا پھیل جاتا۔ گلے میں اس نے جڑاؤ نکلس پہنا ہواتھا۔ دونوں ہاتھوں میں سونے کی چوڑیاں تھیں۔ بہت ہی باتونی عورت تھی۔ بیٹھتے ہی اس نے ادھر ادھر کی باتیں شروع کردیں۔ حنیف اور شہاب صرف ہوں ہاں کرتے رہے۔ پھر اس نے ان کے بارے میں پوچھنا شروع کیا کہ وہ کیا کرتے ہیں، کہاں رہتے ہیں، کیا عمر ہے، فادی فدہ ہیں یا غیر فادی فدہ۔ حنیف اتنا دبلا کیوں ہے۔ فہاب نے دو مصنوعی دانت کیوں لگوائے ہیں۔ گوفت خورہ تھا تو اس کا علاج ڈاکٹر خاں سے کیوں نہ کرایا۔ فرماتا کیوں ہے۔ فعر کیوں نہیں گاتا۔ شہاب نے اسے کچھ شعر سنائے۔ شوبھا نے بڑے زوروں کی داد دی۔ شہاب نے یہ شعر سنایا ؂ کھیتوں کو دے لو پانی اب بہہ رہی ہے گنگا کچھ کر لو نوجوانو اٹھتی جوانیاں ہیں تو شوبھا اچھل پڑی۔

’’واہ جناب صاحب واہ۔ بہت اچھا فعر ہے۔ اٹھتی جوانیاں ہیں۔ واہ وا!‘‘

اس کے بعد شوبھا نے بے شمار شعر سنائے، بالکل بے جوڑے بے تکے۔ جن کا سر تھا نہ پیر۔ شعر سنا کر اس نے شہاب سے کہا

’’فہاب صاحب۔ مزا آیا آپ کو‘‘

شہاب نے جواب دیا۔

’’بہت‘‘

شوبھا نے سرما کر کہا

’’یہ فعر میرے تھے۔ مجھے فاعری کا بہت فوق ہے‘‘

شہاب اور حنیف دونوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور مسکرا دیے۔ اس کے بعد صرف ایک صحیح شعر شوبھا نے سنایا ؂ کبھی تو مرے درد دل کی خبر لے مرے درد سے آفنا ہونے الے یہ شعر حنیف کئی بار سن چکا تھا اور شاید پڑھ بھی چکا تھا۔ مگر شوبھا نے کہا۔

’’حنیف صاحب یہ فعر بھی میرا ہے۔ ‘‘

حنیف نے خوب داد دی۔

’’مافااللہ آپ تو کمال کرتی ہیں‘‘

شوبھا چونکی۔

’’معاف کیجیے گا، میری زبان میں تو کچھ خرابی ہے لیکن آپ نے کیوں مافا اللہ کے بدلے مافا اللہ کہا‘‘

حنیف اور شہاب دونوں بے اختیار ہنس پڑے۔ شوبھا بھی ہنسنے لگی۔ اتنے میں ڈاکٹر خان آگیا۔ اس نے اندر داخل ہوتے ہی شوبھا سے کہا

’’کیوں جناب اتنی ہنسی کس بات پر آرہی ہے۔ ‘‘

زیادہ ہنسنے کے باعث شوبھا کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ اس نے رومال سے ان کو پونچھا اور ڈاکٹر خان سے کہا

’’ایک بات ایسی ہوئی کہ ہم سب ہنف پڑے‘‘

ڈاکٹر خان نے بھی ہنسنا شروع کردیا۔ شوبھا نے اس سے کہا

’’آئیے بیٹھئے‘‘

چارپائی کے ایک طرف سرک کر اس نے ڈاکٹر خان کا ہاتھ پکڑا اور اسے اپنے پاس بٹھا لیا۔ پھر شعر و شاعری ہو گئی۔ شوبھا نے لمبی لمبی چار بے تکی غزلیں سنائیں۔ سب نے داد دی، شہاب اُکتا گیا۔ وہ معاملہ چاہتا تھا۔ حنیف اسکے بدلے ہوئے تیور دیکھ کر بھانپ گیا۔ چنانچہ اس نے شہاب سے کہا

’’اچھا بھئی میں رخصت چاہتا ہوں انشاء اللہ کل صبح ملاقات ہو گی۔ ‘‘

وہ یہ کہہ کرکرسی پر سے اٹھا مگر شوبھا نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا

’’نہیں، آپ نہیں جاسکتے۔ ‘‘

حنیف نے جواب دیا۔

’’میں معذرت چاہتا ہوں۔ بیوی میرا انتظار کررہی ہو گی‘‘

’’اوہ!۔ لیکن نہیں۔ آپ تھوڑی دیر اور ضرور بیٹھیں۔ ابھی تو صرف گیارہ بجے ہیں‘‘

شوبھا نے اصرار کیا۔ شہاب نے ایک جمائی لی

’’بہت وقت ہو گیا ہے‘‘

شوبھا نے مسکرا کر شہاب کی طرف دیکھا

’’میں فاری رات آپ کے پاف ہوں‘‘

شہاب کا تکدر دور ہو گیا۔ حنیف تھوڑی دیر بیٹھا، پھر رخصت لی اور چلا گیا۔ دوسرے روز صبح نو بجے کے قریب شہاب آیا اوررات کی بات سنانے لگا، عجیب و غریب تھی تھی یہ فوبھا بائی۔ پیٹ پر بالشت پھر آپریشن کا نشان تھا۔ کہتی تھی کہ وہ ایک لکڑی والے سیٹھ کی داشتہ تھی اس نے ایک فلم کمپنی کھول دی تھی اسکے چیکوں پر دستخط شوبھا ہی کے ہوتے تھے۔ موٹر تھی جو اب تک موجود ہے۔ نوکر چاکر ہے۔ لکڑی والا سیٹھ اس سے بے حد محبت کرتا تھا۔ اس کے پیٹ کا آپریشن ہوا تو اس نے ایک ہزار روپیہ یتیم خانے کو دیا۔ ‘‘

حنیف نے پوچھا۔

’’یہ لکڑی والا سیٹھ اب کہاں ہے۔ ‘‘

شہاب نے جواب دیا

’’دوسری دنیا میں ٹال کھولے بیٹھا ہے۔ عورت خوب تھی یہ فوبھا بائی۔ میں دوسرے کمرے میں سو گیا۔ تو وہ ڈا کٹر خان کے ساتھ لیٹ گئی۔ صبح پانچ بجے خان نے اس سے کہا کہ اب جاؤ۔ شوبھانے کہا

’’اچھا میں جاتی ہوں، لیکن یہ میرے زیور تم اپنے پاس رکھ لو۔ میں اکیلی ان کے ساتھ باہر نہیں نکلتی۔ ‘‘

حنیف نے پوچھا

’’ڈاکٹر نے زیور رکھ لیے؟‘‘

شہاب نے سر ہلایا

’’ہاں۔ پہلے تو اس کا خیال تھا کہ نقلی ہیں۔ مگر دن کی روشنی میں جب اس نے دیکھا تو اصلی تھے۔ ‘‘

’’اور وہ چلی گئی۔ ‘‘

’’ہاں چلی گئی۔ یہ کہہ کر وہ کسی روز آکر اپنے زیور واپس لے جائے گی۔ ‘‘

’’یہ تم نے بڑے اچنبھے کی بات سنائی۔ ‘‘

’’خدا کی قسم حقیقت ہے‘‘

شہاب نے سگریٹ سلگایا

’’اسی لیے تو میں نے کہا یہ فوبھا بائی عجیب و غریب عورت ہے۔ ‘‘

حنیف نے پوچھا

’’ویسے کیسی عورت تھی؟‘‘

شہاب جھینپ سا گیا۔

’’بھئی مجھے ایسے معاملوں کا کچھ پتہ نہیں۔ یہ تم خان سے پوچھنا۔ وہ اکسپرٹ ہے۔ ‘‘

شام کودونوں خان سے ملے۔ زیور اس کے پاس محفوظ تھے۔ شوبھا لینے نہیں آئی تھی۔ خان نے بتایا

’’میرا خیال ہے شوبھا، کسی دماغی صدمے کا شکار ہے‘‘

شہاب نے پوچھا

’’تمہارا مطلب ہے پاگل ہے؟‘‘

خان نے کہا

’’نہیں۔ پاگل نہیں ہے لیکن اس کا دماغ یقیناً نورمل نہیں ہے۔ بے حد مخلص عورت ہے۔ ایک لڑکا ہے اس کا جے پور میں اس کو برابر دو سو روپے ماہوار بھیجتی ہے۔ ہر تیسرے مہینے اس سے ملنے جاتی ہے۔ جے پور پہنچتے ہی برقع اوڑھ لیتی ہے وہاں اسے پردہ کرنا پڑتا ہے۔ ‘‘

حنیف نے کہا۔

’’یہ تم نے کیسے سمجھا کہ اس کا دماغ نورمل نہیں۔ ‘‘

خان نے جواب دیا۔

’’بھئی میرا خیال ہے۔ نورمل عورت ہوتی تو اپنے ڈیڑھ دو ہزار کے زیور ایک اجنبی کے پاس کیوں چھوڑ جاتی۔ اسکے علاوہ اس کو مورفیا کے انجکشن لینے کی عادت ہے‘‘

شہاب نے پوچھا

’’نشہ ہوتا ہے ایک قسم کا؟‘‘

خان نے جواب۔

’’بہت ہی خطرناک قسم کا۔ شراب سے بھی بدتر!‘‘

’’اسکی عادت کیسے پڑی اسے‘‘

شہاب نے میز پر سے پیپر ویٹ اٹھا کر دوات پر رکھ دیا۔

’’آپریشن ہوا تو بگڑ گیا۔ درد شدت کا تھا۔ اس کا احساس کم کرنے کے لیے ڈاکٹر مورفیا کے انجکشن دیتے رہے۔ تقریباً دو مہینے تک۔ بس عادت ہو گئی۔ ‘‘

ڈاکٹر خان نے مورفیا اور اس کے خطرناک اثرات پر ایک لیکچرشروع کردیا۔ ایک ہفتہ ہو گیا۔ شوبھا نہ آئی۔ شہاب واپس حیدر آباد چلا گیا۔ ڈاکٹر خان زیور لے کر حنیف کے پاس آیا کہ چلو دے آئیں۔ دونوں نے گرانٹ روڈ کے ناکے پر اُس دلال کو بہت تلاش کیا جو شہاب اور حنیف کو شوبھا کے مکان کے پاس لے گیا تھا مگر وہ نہ ملا۔ حنیف کو اتنا معلوم تھا کہ گلی کون سی ہے اور بلڈنگ کون سی ہے۔ ڈاکٹر خان نے کہا

’’ٹھیک ہے۔ ہم پتا لگا لیں گے۔ یہ زیور میں اپنے پاس نہیں رکھنا چاہتا۔ چوری ہو گئے تو کیا کروں گا۔ وہ تو عجیب بے پروا عورت ہے‘‘

دونوں ٹیکسی میں وہاں پہنچ گئے۔ ڈاکٹر خان کو حنیف نے بلڈنگ بتا دی اور کہا

’’میں نہیں جاؤں گی بھائی، تم تلاش کرو اسے‘‘

ڈاکٹر خان اکیلا اس بلڈنگ میں داخل ہوا تو ایک دو آدمیوں سے پوچھا مگر شوبھا کا کچھ پتہ نہ چلا نیچے سے لفٹ اوپر کو آئی تو ہوٹل کا چھوکرا پیالیاں اٹھائے باہر نکلا خان نے اس سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ

’’سب سے نچلی منزل کے آخری فلیٹ پر چلے جاؤ۔ ‘‘

لفٹ کے ذریعہ سے خان نیچے پہنچا آخری فلیٹ کی گھنٹی بجائی۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک بڑھیا عورت نے دروازہ کھولا۔ خان نے اس سے پوچھا

’’شوبھا بائی ہیں؟‘‘

بڑھا نے جواب دیا۔

’’ہاں ہیں۔ ‘‘

خان نے کہا

’’جاؤ اس سے کہوڈاکٹر خان آئے ہیں۔ ‘‘

اندر سے شوبھا کی آواز آئی۔

’’آئیے ڈاکٹر صاحب آئیے‘‘

ڈاکٹر خان اندر داخل ہوا۔ چھوٹا سا ڈرائنگ روم تھا۔ چمکیلے فرنیچرسے بھرا ہوا۔ فرش پر قالین بچھے ہوئے تھے۔ بڑھیا دوسرے کمرے میں چلی گئی۔ فوراً ہی شوبھا کی آواز آئی

’’ڈاکٹر صاحب اندر آجائیے۔ میں باہر نہیں آسکتی۔ ‘‘

ڈاکٹر خان دوسرے کمرے میں داخل ہوا۔ شوبھا چادر اوڑھے لیٹی تھی۔ ان نے اس سے پوچھا

’’کیا بات ہے‘‘

شوبھا مسکرائی

’’کچھ نہیں ڈاکٹر صاحب، تیل مالش کرا رہی تھی‘‘

ڈاکٹر پلنگ کے پاس کرسی پر بیٹھ گیا۔ جیب سے رومال نکالا جس میں زیور بندھے تھے کھول کر اسے پلنگ پر رکھ دیا

’’کب تک میں تمہارے ان زیوروں کی حفاظت کرتا رہوں گا۔ تم ایسی گئیں کہ پھر اُدھر کا رخ تک نہ کیا‘‘

شوبھا ہنسی،

’’مجھے بہت کام تھا۔ لیکن آپ نے کیوں تکلیف کی میں خود آکے لے جاتی‘‘

پھر اس نے بڑھیا سے کہا

’’چائے منگاؤ، ڈاکٹر کے لیے‘‘

ڈاکٹر نے کہا

’’نہیں مجھے اب جانا ہے۔ ‘‘

’’کہاں؟‘‘

’’ہسپتال‘‘

’’ٹیکسی میں آئے ہیں آپ؟‘‘

’’ہاں‘‘

’’باہر کھڑی ہے‘‘

ڈاکٹر نے سر کے اشارے سے ہاں کی۔

’’تو آپ چلیے میں آتی ہوں

’’یہ کہہ کر اس نے زیور تکیے کے نیچے رکھ دیے اور رومال ڈاکٹر خان کو دیدیا۔ ڈاکٹر خان حنیف کے پاس پہنچا تو اس نے پوچھا

’’مل گئی؟‘‘

ڈاکٹر مسکرایا

’’مل گئی۔ آرہی ہے!‘‘

پندرہ بیس منٹ کے بعد شوبھا نے تیزی سے ٹیکسی کا دروازہ کھولا اور اندر بیٹھ گئی۔ ڈاکٹر خان کے کمرے میں دیر تک فضول قسم کی شعر بازی ہوتی رہی۔ ہجرو وصال اور عشق و محبت کے بے شمار عامیانہ اشعار شوبھا نے سنائے اور انھیں اپنے نام سے منسوب کیا۔ ڈاکٹر خان اور حنیف نے خوب داد دی۔ شوبھا بہت خوش ہوئی اور کہنے لگی

’’یعقوب فیٹھ گھنٹوں مجھ سے فعر فنا کرتے تھے۔ ‘‘

یعقوب فیٹھ وہ لکڑی والا سیٹھ تھا جس نے شوبھا کے لیے ایک فلم کمپنی کھولی تھی۔ ڈاکٹر خان اور حنیف ہنس پڑے۔ شوبھا بھی ہنسنے لگی۔ ڈاکٹر خان اور شوبھا کی دوستی ہو گئی۔ شر وع شروع میں تو وہ ہفتے میں دو بار آتی تھی۔ اب قریب قریب ہر روز آنے لگی۔ رات آتی۔ صبح سویرے چلی جاتی۔ شام کو بلاناغہ مورفیا کا انجکشن لیتی۔ ڈاکٹر انجکشن لگانے سے پہلے اس کے بازو پر بے حس کرنے والی دوا لگا دیتا تھا یہ ٹھنڈی ٹھنڈی چیز اسے بہت پسند تھی۔ تین مہینے گزرے تو شوبھا جے پور جانے کے لیے تیار ہوئی۔ موٹر اپنی ڈاکٹر خان کے حوالے کردی کہ وہ اس کا دھیان رکھے۔ ڈاکٹر اسے اسٹیشن پر چھوڑنے گیا۔ دیر تک گاڑی میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے۔ جب گاڑی چلنے لگی تو شوبھا نے ایک دم ڈاکٹر کا ہاتھ پکڑ کر کہا

’’مجھے کیوں ایک دم ایفا لگا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔ ‘‘

ڈاکٹر خان نے کہا۔

’’کیا ہونے والا ہے۔ ‘‘

شوبھا کے چہرے سے وحشت برسنے لگی

’’معلوم نہیں میرا دل بیٹھا جارہا ہے۔ ‘‘

ڈاکٹر خان نے اُسے دم دلاسا دیا گاڑی چل دی۔ دور تک شوبھا کا ہاتھ ہلتا رہا۔ جے پور سے شوبھا کے دو خط آئے جن سے صرف اتنا پتہ چلتا تھا کہ وہ خیریت سے پہنچ گئی ہے۔ جب واپس آئے گی تو اس کے لیے بہت سے تحفے لائے گی۔ اس کے بعد ایک کارڈ آیا جس میں یہ لکھا تھا

’’میری اندھیری زندگی میں صرف ایک دیا تھا وہ کل خدا نے بجھا دیا۔ بھلا ہو اس کا؟‘‘

حنیف نے یہ الفاظ پڑھے تو اسکی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ بھلا ہو اس کا

’’میں بے پناہ غم تھا۔ ‘‘

بہت عرصہ گزر گیا شوبھا کا کوئی خط نہ آیا۔ پورا ایک برس بیت گیا۔ ڈاکٹر خان کو اس کا کوئی پتہ نہ چلا۔ شوبھا اپنی موٹر اس کے حوالے کرگئی تھی۔ اس بلڈنگ میں گیا جس کی سب سے نچلی منزل میں وہ رہا کرتی تھی۔ فلیٹ پر کوئی اور ہی قابض تھا ایک دلال قسم کا آدمی۔ ڈاکٹر خان آخر تھک ہار کر خاموش ہو گیا۔ موٹر اس نے ایک گراج میں رکھوا دی۔ ایک دن حنیف گھبرایا ہوا ہسپتال آیا اس کا چہرہ زرد تھا۔ ڈاکٹر خان کو ڈیوٹی سے ہٹا کر وہ ایک طرف لے گیا اور اس سے کہا

’’میں نے آج شوبھا کو دیکھا۔ ‘‘

ڈاکٹر خان نے حنیف کا بازو پکڑ کر ایک دم پوچھا

’’کہاں؟‘‘

’’چوپاٹی پر۔ میں اسے بالکل نہ پہنچانتا کیونکہ وہ محض ہڈیوں کا ڈھانچہ تھی۔ ‘‘

ڈاکٹر خان کھوکھلی آواز میں بولا۔

’’ہڈیوں کا ڈھانچہ‘‘

حنیف نے سرد آہ بھری

’’شوبھا نہیں تھی اس کا سایہ تھا۔ آنکھیں اندرکو دھنسی ہوئیں۔ بال پریشان اور گرد آلود۔ یوں چلتی تھی کہ اپنے آپ کو گھسیٹ رہی ہے۔ میرے پاس آئی اور کہا

’’مجھے پانچ روپے دو۔ میں نے اسکو نہ پہچانا۔ پوچھا کیا کرو گی پانچ روپے لے کر۔ بولی مورفیا کا ٹیکہ لوں گی۔ ایک دم میں نے غور سے اس کی طرف دیکھا۔ اس کے بالائی ہونٹ پر زخم کا نشان موجود تھا۔ میں چلایا۔

’’شوبھا۔ اس نے تھکی ہوئی ویران آنکھوں سے مجھے دیکھا اور پوچھا، کون ہوتم۔ میں نے کہا حنیف۔ اس نے جواب دیا۔ میں کسی حنیف کو نہیں جانتی۔ میں نے تمہارا ذکر کیا کہ تم نے اسے بہت تلاش کیا، بہت ڈھونڈا۔ یہ سن کر اس کے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ پیدا ہوئی اور کہنے لگی، اس سے کہنا مت ڈھونڈے مجھے۔ میری طرف دیکھو۔ میں اتنی مدت سے اپنا کھویا ہوا لال ڈھونڈتی پھر رہی ہوں۔ یہ ڈھونڈنا بالکل بیکار ہے۔ کچھ نہیں ملتا۔ لاؤ پانچ روپے دو مجھے۔ میں نے اسے پانچ روپے دیے اور کہا، اپنی موٹر تو لے جاؤ ڈاکٹر خان سے

’’وہ قہقہے لگاتی ہوئی چلی گئی۔ ‘‘

خان نے پوچھا

’’کہاں؟‘‘

حنیف نے جواب دیا

’’معلوم نہیں۔ کسی ڈاکٹر کے پاس گئی ہو گی۔ ‘‘

ڈاکٹر خان نے بہت تلاش کیا مگر شوبھا کا کچھ پتہ نہ چلا۔ 12جون1950ء

سعادت حسن منٹو

فرشتہ

سرخ کھردرے کمبل میں عطاء اللہ نے بڑی مشکل سے کروٹ بدلی اور اپنی مندی ہوئی آنکھیں آہستہ آہستہ کھولیں۔ کہرے کی دبیز چادر میں کئی چیزیں لپٹی ہوئی تھیں جن کے صحیح خدوخال نظر نہیں آتے تھے۔ ایک لمبا، بہت ہی لمبا، نہ ختم ہونے والا دالان تھا یا شاید کمرہ تھا جس میں دھندلی دھندلی روشنی پھیلی ہوئی تھی۔ ایسی روشنی جو جگہ جگہ میلی ہورہی تھی۔ دور بہت دور، جہاں شاید کمرہ یا دالان ختم ہو سکتا تھا، ایک بہت بڑا تھا جس کا دراز قد چھت کو پھاڑتا ہوا باہر نکل گیا تھا۔ عطاء اللہ کو اس کا صرف نچلا حصہ نظر آرہا تھا جو بہت پُر ہیبت تھا۔ اس نے سوچا کہ شاید یہ موت کا دیوتا ہے جو اپنی ہولناک شکل دکھانے سے قصداً گریز کررہا ہے۔ عطاء اللہ نے ہونٹ گول کرکے اور زبان پیچھے کھینچ کر اس پُر ہیبت بت کی طرف دیکھا اور سیٹی بجائی، بالکل اس طرح جس طرح کتے کو بلانے کے لیے بجائی جاتی ہے۔ سیٹی کا بجنا تھا کہ اس کمرے یا دالان کی دھندلی فضا میں ان گنت دُمیں لہرانے لگیں۔ لہراتے لہراتے یہ سب بہت بڑے شیشے کے مرتبان میں جمع ہو گئیں جو غالباً اسپرٹ سے بھرا ہوا تھا۔ آہستہ آہستہ یہ مرتبان فضا میں بغیر کسی سہارے کے تیرتا، ڈولتا اس کی آنکھوں کے پاس پہنچ گیا۔ اب وہایک چھوٹا سا مرتبان تھا جس میں اسپرٹ کے اندر اس کا دل ڈبکیاں لگا رہا تھا اور دھڑکنے کی ناکام کوشش کررہا تھا۔ عطاء اللہ کے حلق سے دبی دبی چیخ نکلی۔ اس مقام پر جہاں اس کا دل ہوا کرتا تھا، اس نے اپنا لرزتا ہوا ہاتھ رکھا اور بے ہوش ہو گیا۔ معلوم نہیں کتنی دیر کے بعد اسے ہوش آیا مگر جب اس نے آنکھیں کھولیں تو کہرا غائب تھا۔ وہ دیوہیکل بت بھی۔ اس کا سارا جسم پسینے میں شرابور تھا اور برف کی طرح ٹھنڈا۔ مگر اس مقام پر جہاں اس کا دل تھا، ایک آگ سی لگی ہوئی تھی۔ اس آگ میں کئی چیزیں جل رہی تھیں، بے شمار چیزیں۔ اس کی بیوی اور بچوں کی ہڈیاں تو چٹخ رہی تھیں، مگر اس کے گوشت پوست اور اس کی ہڈیوں پرکوئی اثر نہیں ہورہا تھا۔ جھلسا دینے والی تپش میں بھی وہ یخ بستہ تھا۔ اس نے ایک دم اپنے برفیلے ہاتھوں سے اپنی زرد رو بیوی اور سوکھے کے مارے ہوئے بچوں کو اٹھایا اور پھینک دیا۔ اب آگ کے اس الاؤ میں عرضیاں کے پلندے کے پلندے جل رہے تھے۔ ہر زبان میں لکھی ہوئی عرضیاں۔ ان پر اس کے اپنے ہاتھ سے کیے ہوئے دستخط، سب جل رہے تھے، آواز پیدا کیے بغیر۔ آگ کے شعلوں کے پیچھے اسے اپنا چہرہ نظر آیا۔ پسینے سے۔ سرد پسینے سے تربتر۔ اس نے آگ کا ایک شعلہ پکڑا اور اس سے اپنے ماتھے کا پسینے پونچھ کر ایک طرف پھینک دیا۔ الاؤ میں گرتے ہی یہ شعلہ بھیگے ہوئے اسفنج کی طرف رونے لگا۔ عطاء اللہ کو اس کی یہ حالت دیکھ کر بہت ترس آیا۔ عرضیاں جلتی رہیں اورعطاء اللہ دیکھتا رہا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس کی زرد رو بیوی نمودار ہوئی۔ اس کے ہاتھ میں گندھے ہوئے آٹے کا تھال تھا۔ جلدی جلدی اس نے پیڑے بنائے اور آگ میں ڈالنا شروع کردیے جو آنکھ جھپکنے کی دیر میں کوئلے بن کر سلگنے لگے۔ انھیں دیکھ کر عطاء اللہ کے پیٹ میں زور کا درد اٹھا۔ جھپٹا مار کر اس نے تھال میں سے آخری پیڑا اٹھایا اور منہ میں ڈال لیا۔ لیکن آٹا خشک تھا۔ ریت کی طرح۔ اس کا سانس رکنے لگا اور وہ پھر بے ہوش ہو گیا۔ اب اس نے ایک بے جوڑ خواب دیکھنا شروع کیا۔ ایک بہت بڑی محراب تھی جس پر جلی حروف میں یہ شعر لکھا تھا ؂ روز محشر کہ جاں گداز بود اولیں پرسش نماز بود وہ فوراً پتھریلے فرش پر سجدے میں گر پڑا۔ نماز بخشوانے کے لیے دعا مانگنا چاہی مگر بھوک اس کے معدے کو اس بری طرح ڈسنے لگی کہ بلبلا اٹھا۔ اتنے میں کسی نے بڑی بارعب آواز میں پکارا:

’’عطاء اللہ!‘‘

عطاء اللہ کھڑا ہو گیا۔ محرابوں کے پیچھے۔ بہت پیچھے، اونچے منبر پر ایک شخص کھڑا تھا۔ مادر زاد برہنہ، اس کے ہونٹ ساکت تھے مگر آواز آرہی تھی۔

’’عطاء اللہ! تم کیوں زندہ ہو؟ آدمی صرف اس وقت تک زندہ رہتا ہے جب تک اسے کوئی سہارا ہو۔ ہمیں بتاؤ، کوئی ایسا سہارا ہے جس کا تمہیں سہارا ہو؟۔ تم بیمار ہو۔ تمہاری بیوی آج نہیں تو کل بیمار ہو جائے گی۔ وہ جن کا کوئی سہارا نہیں ہوتا، بیمار ہوتے ہیں۔ زندر درگور ہوتے ہیں۔ اس کا سہارا تم ہو جو بڑی تیزی سے ختم ہورہا ہے۔ تمہارے بچے بھی ختم ہو رہے ہیں۔ کتنے افسوس کی بات ہے کہ تم نے خود اپنے آپ کو ختم نہیں کیا۔ اپنے بچوں اور اپنی بیوی کو ختم نہیں کیا۔ کیا اس خاتمے کے لیے بھی تمہیں کسی سہارے کی ضرورت ہے؟۔ تم رحم و کرم کے طالب ہو۔ بے وقوف! کون تم پر رحم کرے گا۔ موت کو کیا پڑی ہے کہ وہ تمہیں مصیبتوں سے نجات دلائے۔ اس کے لیے یہ مصیبت کیا کم ہے کہ وہ موت ہے۔ کس کس کو آئے۔ ایک صرف تم عطاء اللہ نہیں ہو، تم ایسے لاکھوں عطاء اللہ اس بھری دنیا میں موجود ہیں۔ جاؤ، اپنی مصیبتوں کا علاج خود کرو۔ دو مریل بچوں اور ایک فاقہ زدہ بیوی کو ہلاک کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ اس بوجھ سے ہلکے ہو جاؤ تو موت شرمسار ہو کر خود بخود تمہارے پاس چلی آئے گی۔ ‘‘

عطاء اللہ غصے سے تھرتھرکانپنے لگا۔

’’تم۔ تم سب سے بڑے ظالم ہو۔ بتاؤ، تم کون ہو۔ اس سے پیشتر کہ میں اپنی بیوی اور بچوں کو ہلاک کروں، میں تمہارا خاتمہ کردینا چاہتا ہوں۔ ‘‘

مادر زاد برہنہ شخص نے قہقہہ لگایا اور کہا

’’میں عطاء اللہ ہوں۔ غور سے دیکھو۔ کیا تم اپنے آپ کو بھی نہیں پہچانتے؟‘‘

عطاء اللہ نے اس ننگ دھڑنگ آدمی کی طرف دیکھا اور اس کی گردن جھک گئی۔ وہ خود ہی تھا، بغیر لباس کے۔ ان کا خون کھولنے لگا۔ فرش میں سے اس نے اپنے بڑھے ہوئے ناخنوں سے کھرچ کھرچ کر ایک پتھر نکالا اور تان کر منبر کی طرف دیکھا۔ اس کا سر چکرا گیا۔ ماتھے پرہاتھ رکھا تو اس میں سے لہو نکل رہا تھا۔ وہ بھاگا۔ پتھریلے صحن کو عبور کرکے جب باہر نکلا تو ہجوم نے اسے گھیر لیا۔ ہجوم کا ہر فرد عطاء اللہ تھا۔ جس کا ماتھا لہولہان تھا۔ بڑی مشکلوں سے ہجوم کو چیر کر وہ باہر نکلا۔ ایک تنگ و تاریک سڑک پر دیر تک چلتا رہا۔ اس کے دونوں کناروں پر حشیش اور تھوہر کے پودے اگے ہوئے تھے۔ ان میں کہیں کہیں دوسری زہریلی بوٹیاں بھی جمی تھیں۔ عطاء اللہ نے جیب سے بوتل نکال کر تھوہر کا عرق جمع کیا۔ پھر زہریلی بوٹیوں کے پتے توڑ کر اس میں ڈالے اور انھیں ہلاتا ہلاتا اس موڑ پر پہنچ گیا جہاں سے کچھ فاصلے پر اس کا مکان تھا۔ شکستہ اینٹوں کا ڈھیر۔ ٹاٹ کا بوسیدہ پردہ ہٹا کر وہ اندر داخل ہوا۔ سامنے طاق میں مٹی کے تیل کی کُپی سے کافی روشنی نکل رہی تھی۔ اس مٹیالی روشنی میں اس نے دیکھا کہ جھلنگی پلنگڑی پر اس کے دونوں مریل بچے مرے پڑے ہیں۔ عطاء اللہ کوبہت ناامیدی ہوئی۔ بوتل جیب میں رکھ کر جب وہ پلنگڑی کے پاس گیا تو اس نے دیکھا کہ وہ پھٹی پرانی گدڑی جو اس کے بچوں پر پڑی ہے، آہستہ آہستہ ہل رہی ہے۔ عطاء اللہ بہت خوش ہوا۔ وہ زندہ تھے۔ بوتل جیب سے نکال کر وہ فرش پربیٹھ گیا۔ دونوں لڑکے تھے۔ ایک چار برس، دوسرا پانچ کا۔ دونوں بھوکے تھے۔ دونوں ہڈیوں کا ڈھانچہ تھے۔ گدڑی ایک طرف ہٹا کر جب عطاء اللہ نے ان کو غور سے دیکھا تو اسے تعجب ہوا کہ اتنے چھوٹے بچے اتنی سوکھی ہڈیوں پر اتنی دیر سے کیسے زندہ ہیں۔ اس نے زہر کی شیشی ایک طرف رکھ دی اور انگلیوں سے ایک بچے کی گردن ٹٹولتے ٹٹولتے۔ ایک خفیف سا جھٹکا دیا۔ ہلکی سی تڑاخ ہوئی اور اس بچے کی گردن ایک طرف لٹک گئی۔ عطاء اللہ بہت خوش ہوا کہ اتنی جلدی اور اتنی آسانی سے کام تمام ہو گیا۔ اسی خوشی میں اس نے اپنی بیوی کو پکارا۔

’’جیناں! جیناں۔ ادھر آؤ۔ دیکھو میں نے کتنی صفائی سے رحیم کو مار ڈالا ہے۔ کوئی تکلیف نہیں ہوئی اس کو۔ ‘‘

اس نے ادھر ادھر دیکھا۔ زینب کہاں ہے؟۔ معلوم نہیں کہاں چلی گئی ہے؟۔ شاید بچوں کے لیے کسی سے کھانا مانگنے گئی ہو۔ یا ہسبپتال میں اس کی خیریت دریافت کرنے۔ عطاء اللہ ہنسا۔ مگر اس کی ہنسی فوراً دب گئی، جب دوسرے بچے نے کروٹ بدلی اور اپنے مردہ بھائی کو بلانا شروع کیا۔

’’رحیم۔ رحیم۔ ‘‘

وہ نہ بولا تو اس نے اپنے باپ کی طرف دیکھا۔ ہڈیوں کی چھوٹی چھوٹی سیاہ پیالوں میں اس کی آنکھیں چمکیں۔

’’ابا۔ تم آگئے۔ ‘‘

عطاء اللہ نے ہولے سے کہا۔

’’ہاں کریم، میں آگیا۔ ‘‘

کریم نے اپنے استخوانی ہاتھ سے رحیم کو جھنجھوڑا۔

’’اٹھو رحیم۔ ابا آگئے ہسپتال سے۔ ‘‘

عطاء اللہ نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔

’’خاموش رہو۔ وہ سو گیا ہے۔ ‘‘

کریم نے اپنے باپ کا ہاتھ ہٹایا۔

’’کیسے سو گیا ہے۔ ہم دونوں نے ابھی تک کچھ کھایا نہیں۔ ‘‘

’’تم جاگ رہے تھے؟‘‘

’’ہاں ابا۔ ‘‘

’’سو جاؤ گے ابھی تم۔ ‘‘

’’کیسے؟‘‘

’’میں سلاتا ہوں تمہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کرعطاء اللہ نے اپنی سخت انگلیاں کریم کی گردن پر رکھیں اور اس کو مروڑ دیا۔ مگر تڑاخ کی آواز پیدا نہ ہوئی۔ کریم کو بہت درد ہوا۔

’’یہ آپ کیا کررہے ہیں۔ ‘‘

’’کچھ نہیں۔ ‘‘

عطاء اللہ حیرت زندہ تھا کہ اس کا یہ دوسرا لڑکا اتنا سخت جان کیوں ہے۔

’’کیا تم سونا نہیں چاہتے؟‘‘

کریم نے اپنی گردن سہلاتے ہوئے جواب دیا۔

’’سونا چاہتا ہوں۔ کچھ کھانے کو دے دو۔ سو جاؤں گا۔ ‘‘

عطاء نے اللہ زہر کی شیشی اٹھائی۔

’’پہلے یہ دوا پی لو۔ ‘‘

’’اچھا۔ ‘‘

کریم نے اپنا منہ کھول دیا۔ عطاء اللہ نے ساری شیشی اس کے حلق میں انڈیل دی اور اطمینان کا سانس لیا۔

’’اب تم گہری نیند سو جاؤ گے۔ ‘‘

کریم نے اپنے باپ کا ہاتھ پکڑا اور کہا۔

’’ابا۔ اب کچھ کھانے کو دو۔ ‘‘

عطاء اللہ کو بہت کوفت ہوئی۔

’’تم مرتے کیوں نہیں۔ ؟‘‘

کریم یہ سن کر سٹپٹا سا گیا۔

’’کیا ابا‘‘

’’تم مرتے کیوں نہیں۔ میرا مطلب ہے، اگر تم مر جاؤگے تو نیند بھی آجائے گی تمہیں۔ ‘‘

کریم کی سمجھ میں نہ آیا کہ اس کا باپ کیا کہہ رہا ہے۔

’’مارتا تو اللہ میاں ہے ابا۔ ‘‘

اب عطاء اللہ کی سمجھ میں نہ آیا کہ وہ کیا کہے۔

’’مارا کرتا تھا کبھی۔ اب اس نے یہ کام چھوڑ دیا ہے۔ چلو اٹھو۔ ‘‘

پلنگڑی پر کریم تھوڑا سا اٹھا تو عطاء اللہ نے اسے اپنی گود میں لے لیا اور سوچنے لگا کہ وہ اللہ میاں کیسے بنے۔ ٹاٹ کا پردہ ہٹا کر جب باہر گلی میں نکلا، اسے یوں محسوس ہوا جیسے آسمان اس پر جھکا ہوا ہے۔ اس میں جا بجا مٹی کے تیل کی کپٹیاں جل رہی تھیں۔ اللہ میاں خدا جانے کہاں تھا۔ اور زینب بھی۔ معلوم نہیں وہ کہاں چلی گئی تھی۔ کہیں سے کچھ مانگنے گئی ہو گی۔ عطاء اللہ ہنسنے لگا۔ لیکن فوراً اسے خیال آیا کہ اسے اللہ میاں بننا تھا۔ سامنے موری کے پاس بہت سے پتھر پڑے تھے۔ ان پر وہ اگر کریم کو دے مارے تو۔ مگر اس میں اتنی طاقت نہیں تھی۔ کریم اس کی گود میں تھا۔ اس نے کوشش کی کہ اسے اپنے بازوؤں میں اٹھائے اور سر سے اوپر لے جا کر پتھروں پر پٹک دے، مگر اسکی طاقت جواب دے گئی۔ اس نے کچھ سوچا اور اپنی بیوی کو آواز دی

’’جیناں۔ جیناں۔ ‘‘

زینب معلوم نہیں کہاں ہے۔ کہیں وہ اس ڈاکٹر کے ساتھ تو نہیں چلی گئی جو ہر وقت اس سے اتنی ہمدردی کا اظہار کرتا رہتا ہے۔ وہ ضرور اس کے فریب میں آگئی ہو گی۔ میرے لیے اس نے کہیں خود کو بیچ تو نہیں دیا۔ یہ سوچتے ہی اس کا خون کھول اٹھا۔ کریم کو پاس بہتی ہوئی بدرو میں پھینک کر وہ ہسپتال کی طرف بھاگا۔ اتنا تیز دوڑا کہ چند منٹ میں ہسپتال پہنچ گیا۔ رات نصف سے زیادہ گزر چکی تھی۔ چاروں طرف سناٹا تھا۔ جب وہ اپنے و ارڈ کے برآمدے میں پہنچا تو دو آوازیں سنائی دیں۔ ایک اس کی بیوی کی تھی۔ وہ کہہ رہی تھی۔

’’تم دغا باز ہو۔ تم نے مجھے دھوکا دیا ہے۔ اس سے جو کچھ تمہیں ملا ہے، تم نے اپنی جیب میں ڈال لیا ہے۔ ‘‘

کسی مرد کی آواز سنائی دی۔

’’تم غلط کہتی ہو۔ تم اس کو پسند نہیں آئیں اس لیے وہ چلا گیا۔ ‘‘

اس کی بیوی دیوانہ وار چلائی۔

’’بکواس کرتے ہو۔ ٹھیک ہے کہ میں دو بچوں کی ماں ہوں۔ میرا وہ پہلا سا رنگ روپ نہیں رہا۔ لیکن وہ مجھے قبول کرلیتا اگر تم بھانجی نہ مارتے۔ تم بہت ظالم ہو۔ بہت کٹھور ہو۔ ‘‘

اس کی آواز گلے میں رندھنے لگی۔

’’میں کبھی تمہارے ساتھ نہ چلتی۔ میں کبھی ذلت میں نہ گرتی اگر میرا خاوند بیمار اور میرے بچے کئی دنوں کے بھوکے نہ ہوتے۔ تم نے کیوں یہ ظلم کیا؟‘‘

اس مرد نے جواب دیا۔

’’وہ۔ وہ کوئی بھی نہیں تھا۔ میں خود تھا۔ جب تم میرے ساتھ چل پڑیں تو میں نے خود کو پہچانا۔ اور تم سے کہا کہ وہ چلا گیا ہے۔ وہ، جس کے لیے میں تمہیں لایا تھا۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہارا خاوند مر جائے گا۔ تمہارے بچے مر جائیں گے۔ تم بھی مر جاؤ گی۔ لیکن۔ ‘‘

’’لیکن کیا۔ ‘‘

اس کی بیوی نے تیکھی آواز میں پوچھا۔

’’میں مرتے دم تک زندہ رہوں گا۔ تم نے مجھے اس زندگی سے بچا لیا ہے جو موت سے کہیں زیادہ خوف ناک ہوتی۔ چلو آؤ۔ عطاء اللہ ہمیں بلا رہا ہے۔ ‘‘

’’عطاء اللہ یہاں کھڑا ہے۔ ‘‘

عطاء اللہ نے بھینچی ہوئی آواز میں کہا۔ دو سائے پلٹے۔ اس سے کچھ فاصلے پر وہ ڈاکٹر کھڑا تھا جو زینب سے بڑی ہمدردی کا اظہارکیا کرتا تھا۔ اس کے منہ سے صرف اس قدر نکل سکا تھا۔

’’تم!‘‘

’’ہاں، میں۔ تمہاری سب باتیں سن چکا ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر عطاء اللہ نے اپنی بیوی کی طرف دیکھا۔

’’جیناں۔ میں نے رحیم اور کریم دونوں کو مار ڈالا ہے۔ اب میں اور تم باقی رہ گئے ہیں۔ ‘‘

زینب چیخی۔

’’مار ڈالا تم نے! دونوں بچوں کو؟‘‘

عطاء اللہ نے بڑے پرسکون لہجے میں کہا۔

’’ہاں۔ انھیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ میرا خیال ہے تمہیں بھی کوئی تکلیف نہیں۔ ڈاکٹر صاحب موجود ہیں!‘‘

ڈاکٹر کانپنے لگا۔ عطاء اللہ آگے بڑھا اور اس سے مخاطب ہوا۔

’’ایسا انجکشن دے دو کہ فوراً مر جائے۔ ‘‘

ڈاکٹر نے کانپتے ہوئے ہاتھوں سے اپنا بیگ کھولا اور سرنج میں زہر بھر کے زینب کے ٹیکہ لگا دیا۔ ٹیکہ لگتے ہی وہ فرش پر گری اور مر گئی۔ اس کی زبان پر آخری الفا٭۔ میرے بچے۔ میرے بچے‘‘

تھے، مگر اچھی طرح ادا نہ ہوسکے۔ عطاء اللہ نے اطمینان کا سانس لیا۔

’’چلو یہ بھی ہو گیا۔ اب میں باقی رہ گیا ہوں۔ ‘‘

’’لیکن۔ لیکن میرے پاس زہر ختم ہو گیا ہے۔ ‘‘

ڈاکٹر کے لہجے میں لکنت تھی۔ عطاء اللہ تھوڑی دیر کے لیے پریشان ہو گیا، لیکن فوراً سنبھل کر اس نے ڈاکٹر سے کہا۔

’’کوئی بات نہیں۔ میں اندر اپنے بستر پر لیٹتا ہوں، تم بھاگ کر زہر لے کر آؤ۔ ‘‘

بستر پر لیٹ کر سرخ کھردرے کمبل میں اس نے بڑی مشکل سے کروٹ بدلی اور اپنی مندی ہوئی آنکھیں آہستہ آہستہ کھولیں۔ کہرے کی چادر میں کئی چیزیں لپٹی ہوئی تھیں جن کے صحیح خدوخال نظر نہیں آتے تھے۔ ایک لمبا، بہت ہی لمبا نہ ختم ہونے والا دالان تھا۔ یا شاید کمرہ جس میں دھندلی دھندلی روشنی پھیلی ہوئی تھی۔ ایسی روشنی جو جگہ جگہ میلی ہورہی تھی۔ دور، بہت دور ایک فرشتہ کھڑا تھا۔ جب وہ آگے بڑھنے لگا تو چھوٹا ہوتا گیا۔ عطاء اللہ کی چارپائی کے پاس پہنچ کر وہ ڈاکٹر بن گیا۔ وہی ڈاکٹر جو اس کی بیوی سے ہر وقت ہمدردی کا اظہار کیا کرتا تھا۔ اور اسے بڑے پیار سے دلاسا دیتا تھا۔ عطاء اللہ نے اسے پہچانا تو اٹھنے کی کوشش کی۔

’’آئیے ڈ اکٹر صاحب!‘‘

مگر وہ ایک دم غائب ہو گیا۔ عطاء اللہ لیٹ گیا۔ اس کی آنکھیں کھلی تھیں۔ کہرا دور ہو چکا تھا۔ معلوم نہیں کہاں غائب ہو گیا تھا۔ اس کا دماغ بھی صاف تھا۔ ایک دم وارڈ میں شور بلند ہوا۔ سب سے اونچی آواز جو چیخ سے مشابہ تھی، زینب کی تھی، اس کی بیوی کی۔ وہ کچھ کہہ رہی تھی۔ معلوم نہیں کیا کہہ رہی تھی۔ عطاء اللہ نے اٹھنے کی کوشش کی۔ زینب کو آواز دینے کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔ دھند پھر چھانے لگی اور وارڈ لمبا۔ بہت لمبا ہوتا چلا گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد زینب آئی۔ اس کی حالت دیوانوں کی سی ہورہی تھی۔ دونوں ہاتھوں سے اس نے عطاء اللہ کو جھنجوڑنا شروع کیا۔

’’میں نے اسے مار ڈالا ہے۔ میں نے اس حرام زادے کو مار ڈالا ہے۔ ‘‘

’’کس کو؟‘‘

اسی کو مجھ سے اتنی ہمدردی جتایا کرتا تھا۔ اس نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ تمہیں بچا لے گا۔ وہ جھوٹا تھا۔ دغا باز تھا، اس کا دل توے کی کالک سے بھی زیادہ کالا تھا۔ اس نے مجھے۔ اس نے مجھے۔ ‘‘

اس کے آگے زینب کچھ نہ کہہ سکی۔ عطاء اللہ کے دماغ میں بے شمار خیالات آئے اور آپس میں گڈمڈ ہو گئے۔

’’تمہیں تو اس نے مار ڈالا تھا؟‘‘

زینب چیخی۔

’’نہیں۔ میں نے اسے مار ڈالا ہے۔ ‘‘

عطاء اللہ چند لمحے خلا میں دیکھتا رہا۔ پھر اس نے زینب کو ہاتھ سے ایک طرف ہٹایا۔

’’تم ادھر ہو جاؤ۔ وہ آرہا ہے۔ ‘‘

’’کون؟‘‘

’’وہی ڈاکٹر۔ وہی فرشتہ۔ ‘‘

فرشتہ آہستہ آہستہ اس کی چارپائی کے پاس آیا۔ اس کے ہاتھ میں زہر بھری سرنج تھی۔ عطاء اللہ مسکرایا۔

’’لے آئے!‘‘

فرشتے نے اثبات میں سر ہلایا۔

’’ہاں، لے آیا۔ ‘‘

عطاء اللہ نے اپنا لرزاں بازو اس کی طرف بڑھایا۔

’’تو لگا دو۔ ‘‘

فرشتے نے سوئی اس کے بازو میں گھونپ دی۔ عطاء اللہ مر گیا۔ زینب اسے جھنجوڑنے لگی۔

’’اٹھو۔ اٹھو کریم، رحیم کے ابا، اٹھو۔ یہ ہسپتال بہت بری جگہ ہے۔ چلو گھر چلیں۔ ‘‘

تھوڑی دیر کے بعد پولیس آئی اور زینب کو اس کے خاوند کی لاش پر سے ہٹا کر اپنے ساتھ لے گئی!

سعادت حسن منٹو

غسل خانہ

صدر دروازے کے اندر داخل ہوتے ہی سڑھیوں کے پاس ایک چھوٹی سی کوٹھڑی ہے جس میں کبھی اُپلے اور لکڑیاں کوئلے رکھے جاتے تھے۔ مگر اب اس میں نل لگا کر اس کو مردانہ غسل خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ فرش وغیرہ مضبوط بنا دیا گیا ہے تاکہ مکان کی بنیادوں میں پانی نہ چلا جائے۔ اس میں صرف ایک کھڑکی ہے جو گلی کی طرف کھلتی ہے۔ اس میں زنگ آلود سلاخیں لگی ہوئی ہیں۔ میں پانچویں جماعت میں پڑھتا تھا جب یہ غسل خانہ میری زندگی میں د اخل ہوا۔ آپ کو حیرت ہو گی کہ غسل خانے انسانوں کی زندگی میں کیونکر داخل ہو سکتے ہیں۔ غسل خانہ تو ایسی چیز ہے جس میں آدمی داخل ہوتا ہے اور دیر تک داخل رہتا ہے۔ لیکن جب آپ میری کہانی سُن لیں گے تو آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ غسل خانہ واقعی میری زندگی میں داخل ہُوا اور اس کا ایک اہم ترین جزو بن کے رہ گیا۔ یوں تو میں اس غسل خانے سے اس وقت کا متعارف ہوں جب اس میں اُپلے وغیرہ پڑے رہتے تھے اور میری بلی نے اس میں بھیگے ہُوئے چوہوں کی شکل کے چار بچے دیے تھے۔ ان کی آنکھیں دس بارہ روز تک مندی رہی تھیں چنانچہ جب میرا چھوٹا بھائی پیدا ہوا تھا۔ اس کی آنکھیں کھلی دیکھ کر میں نے امی جان سے کہا تھا۔

’’امی جان میری بلی ٹیڈی نے جب بچے دیے تھے تو ان کی آنکھیں بند تھی اس کی کیوں کھلی ہوئی ہیںء‘‘

یعنی میں بچپن ہی سے اس غسل خانے کو جانتا ہُوں لیکن یہ میری زندگی میں اس وقت داخل ہوا۔ جب میں پانچویں جماعت میں پڑھتا تھا اور ایک بھاری بھر کم بستہ بغل میں دبا کر ہر روز اسکول جایا کرتا تھا۔ ایک روز کا ذکر ہے میں نے اسکول سے گھر آتے ہوئے سردار ودہا واسنگھ پھل فروش کی دکان سے ایک کابلی انار چُرایا۔ میں اور میرے دو ہم جماعت لڑکے ہر روز کچھ نہ کچھ اس دکان سے چرایا کرتے تھے لیکن بھائی ودہاواسنگھ جو پھلوں کے ٹوکروں میں گِھرا ایک بڑی سی پگڑی اپنے کیسوں پر رکھے سارا دن افیم کے نشے میں اونگھتا رہتا تھا کو خبر تک نہ ہوتی تھی۔ مگر بات یہ ہے کہ ہم بڑی بڑی چیزیں نہیں چراتے تھے۔ کبھی انگور کے چند دانے اُٹھا لیے کبھی لوکاٹ کا ایک گُچھا لے اڑے۔ کبھی مٹھی بھر خوبانیاں اٹھائیں اور چلتے بنے۔ لیکن اس دفعہ چونکہ میں نے زیادتی کی تھی اس لیے پکڑا گیا۔ ایک دم بھائی ودہاوا سنگھ اپنی ابدی پینک سے چونکا اور اتنی پُھرتی سے نیچے اتر کر اس نے مجھے رنگوں ہاتھوں پکڑا کہ میں دنگ رہ گیا۔ ساتھ ہی میرے حواس باختہ ہو گئے۔ پہلے تو میں اس چوری کو کھیل سمجھا تھا لیکن جب میلی داڑھی والے سردار ووہاواسنگھ نے اپنی پھولی ہوئی رگوں والے ہاتھ سے میری گردن ناپی تو مجھے احساس ہُوا کہ میں چور ہوں۔ بچپن ہی سے مجھے اس بات کا خیال رہا ہے کہ لوگوں کے سامنے میری ذلت نہ ہو۔ چنانچہ سرِ بازار جب میں نے خود کو ذلیل ہوتے دیکھا تو فوراً بھائی ووہاوا سنگھ سے معافی مانگ لی۔ آدمی کا دل بہت اچھا تھا۔ انار میرے ہاتھ سے چھین کر اس نے وہ میل جو اس کے خیال کے مطابق انار کو لگ گیا تھا اپنے کرتے سے صاف کیا اور بڑبڑاتا ہوا چلا گیا۔

’’وکیل صاحب آئے تو میں ان سے کہونگاکہ آپ کے لڑکے نے اب چوری شروع کردی ہے۔ ‘‘

میرا دل دھک سے رہ گیا۔ میں تو سمجھا تھا کہ سستے چھوٹ گئے۔ وکیل صاحب یعنی میرے ابا جی سردار ودہاوا سنگھ نہیں تھے۔ وہ نہ افیم کا نشہ کرتے تھے اور نہ انھیں پھلوں ہی سے کوئی دلچسپی تھی۔ میں نے سوچا اگر اس کمبخت ودہاوا سنگھ نے ان سے میری چوری کا ذکر کردیا تو وہ گھر میں داخل ہوتے ہی امی جان سے کہیں گے۔

’’کچھ سنتی ہو۔ اب تمہارے اس برخوردار نے چوری چکاری بھی شروع کردی ہے۔ سردار ودہاواسنگھ نے جب مجھ سے کہا کہ وکیل صاحب آپکا لڑکا انار اٹھا کے بھاگ گیا تھا تو خدا کی قسم میں شرم سے پانی پانی ہو گیا۔ میں نے آج تک اپنی ناک پرمکھی بیٹھنے نہیں دی۔ لیکن اس نالائق نے میری ساری عزت خاک میں ملا دی ہے۔ ‘‘

وہ مجھے دو تین طمانچے مار کر مطمئن ہو جاتے مگر امی جان کا ناک میں دم کردیتے۔ اس لیے کہ وہ ہماری طرف داری کرتی تھی۔ وہ ہمیشہ اس تاک میں رہتے تھے کہ ان کی اولاد( ہم چھ بیٹے تھے) سے کوئی چھوٹی سی لغزش ہو اور وہ آنگن میں اپنے گنجے سر کا پسینہ پونچھ پونچھ کر امی جان کو کوسنا شر وع کردیں جیسے سارا قصور ان کا ہے۔ کوسنے کے بعد بھی ان کا جی ہلکا نہیں ہوتا تھا۔ اس روز کھانا نہیں کھاتے تھے اور دیر تک خاموش آنگن میں سیمنٹ لگے فرش پر اِدھر اُدھر ٹہلتے رہتے تھے۔ جس وقت بھائی ودہاوا سنگھ نے وکیل صاحب کا نام لیا میری آنکھوں کے سامنے ابا جی کا گنجا سر آگیا جس پر پسینے کی ننھی ننھی بوندیں چمک رہی تھیں ان کو ہمیشہ غصے کے وقت اس جگہ پر پسینہ آتا ہے۔ بستہ میری بغل میں بہت وزنی ہو گیا۔ ٹانگیں بے جان سی ہو گئیں۔ دل دھڑکنے لگا۔ شرم کا وہ احساس جو چوری پکڑے جانے پر پیدا ہُوا مٹ گیا اور اس کی جگہ ایک تکلیف دہ خوف نے لے لی۔ ابا جی کا گنجا سر۔ اس پر چمکتی ہوئی پسینے کی ننھی ننھی بوندیں۔ آنگن کا سیمنٹ لگا فرش۔ اس پر ان کا غصے میں اِدھر اُدھر چھیڑے ہوئے بیر شیر کی طرح چلنا اور رک رک کر امی جان پر برسنا۔ سخت پریشانی کے عالم میں گھر پہنچا غسل خانے کے پاس ٹھہر کر میں نے ایک بار سوچا کہ اگر اس کمبخت پھل فروش نے سچ مچ ابا جی سے کہہ دیا تو آفت ہی آجائے۔ دو تین روز کے لیے سارا گھر جہنم کا نمونہ بن جائے گا۔ ابا جی اور سب کچھ معاف کرسکتے تھے۔ لیکن چوری کبھی معاف نہیں کرتے تھے۔ ہمارے پرانے ملازم نبّو نے ایک بار دس روپے کا نوٹ امی جان کے پان دان سے نکال لیا تھا۔ امی جان نے تو اسے معاف کردیا تھا لیکن ابا جی کو جب اس چوری کا پتا چلا تو انھوں نے اسے نکال باہرکیا

’’میں اپنے گھرمیں کسی چور کو نہیں رکھ سکتا۔ ‘‘

ان کے یہ الفاظ میرے کانوں میں کئی بار گونج چکے تھے۔ میں نے اوپر جانے کے لیے زینے پر قدم ہی رکھا کہ ان کی آواز میرے کانوں میں آئی۔ جانے وہ میرے بڑے بھائی ثقلین سے کیا کہہ رہے تھے لیکن میں یہی سمجھا کہ وہ بنو کو گھر سے باہر نکال رہے ہیں اور اس سے غصے میں یہ کہہ رہے ہیں

’’میں اپنے گھر میں کسی چور کو نہیں رکھ سکتا۔ ‘‘

میرے قدم منوں بھاری ہو گئے۔ میں اور زیادہ سہم گیا اور اوپر جانے کے بجائے نیچے اُتر آیا۔ خدا معلوم کیا جی میں آئی کہ غسل خانے کے اندر جا کر میں نے صدقِ دل سے دعا مانگی کہ ابا جی کو میری چوری کا علم نہ ہو۔ یعنی ودہاوا سنگھ ان سے اس کا ذکر کرنا بھول جائے۔ دعا مانگنے کے بعد میرے جی کا بوجھ کچھ ہلکا ہو گیا۔ چنانچہ میں اوپر چلا گیا۔ خدا نے میری دعا قبول کی۔ ودہاوا سنگھ اور اس کی دکان ابھی تک موجود ہے۔ لیکن اس نے ابا جی سے انار کی چوری کا ذکر نہیں کیا۔ غسل خانہ یہیں سے میری زندگی میں داخل ہوتا ہے۔ ایک بارپھر ایسی ہی بات ہوئی۔ میں زیادہ لطف لینے کی خاطر پہلی دفعہ بازارمیں کھلے بندوں سگریٹ پیے جارہا تھا کہ ابا جی کے ایک دوست سے میری مڈبھیڑ ہو گئی۔ اس نے سگرٹ میرے ہاتھ سے چھین کرغصّے میں ایک طرف پھینک دیا اور کہا۔

’’تم بہت آوارہ ہو گئے ہو۔ بڑوں کا شرم و لحاظ اب تمہاری آنکھوں میں بالکل نہیں رہا۔ خواجہ صاحب سے کہہ کر آج ہی تمہاری اچھی طرح گوشمالی کراؤں گا۔ ‘‘

انار کی چوری کے مقابلے میں کھلے بندوں سگریٹ پینا اور بھی زیادہ خطرناک تھا۔ خواجہ صاحب یعنی میرے ابا جی خود سگریٹ پیتے تھے مگر اپنی اولاد کے لیے انھوں نے اس چیز کو قطعی طور پرممنوع قرار دے رکھا تھا۔ ایک روز میرے بڑے بھائی کی جیب میں سے انھیں سگرٹ کی ڈبیا مل گئی تھی جس پر انھوں نے ایک تھپڑ لگا کر فیصلہ کن لہجے میں یہ الفاظ کہے تھے۔

’’ثقلین اگر میں نے تمہاری جیب میں پھر سگریٹ کی ڈبیا دیکھی تو میں تمہیں اس روز گھر سے باہر نکال دوں گا۔ سمجھ گئے؟‘‘

ثقلین سمجھ گیا تھا۔ چنانچہ وہ ہر روز صرف ایک سگرٹ لاتا تھا اور پائخانے میں جا کر پیا کرتا تھا۔ میں ثقلین سے عمر میں تین برس چھوٹا ہُوں۔ ظاہر ہے کہ میرا سگریٹ پینا اور وہ بھی بازاروں میں کھلے بندوں۔ ابا جی کسی طرح برداشت نہ کرتے۔ ثقلین کو تو انھوں نے صرف دھمکی دی تھی مگر مجھے وہ یقیناًگھر سے باہر نکال دیتے۔ گھر میں داخل ہونے سے پہلے میں نے غسل خانے میں جا کرصدق دل سے دعا مانگی کہ اے خدا ابا جی کو میرے سگریٹ پینے کا کچھ علم نہ ہو۔ دُعا مانگنے کے بعد میرے دل پر سے خوف کا بوجھ ہلکا ہو گیا اور میں اوپر چلا گیا۔ آپ کہیں گے کہ میں خاص طور پر غسل خانے میں داخل ہو کر ہی کیوں دعا مانگتا تھا۔ دعا کہیں بھی مانگی جاسکتی ہے۔ درست ہے لیکن مصیبت یہ ہے کہ میں دل میں اگر کوئی بات سوچوں تو اس کے ساتھ اور بہت سی غیر ضروری باتیں خود بخود آجاتی ہیں۔ میں نے گھر لوٹتے ہوئے راستے میں دعا مانگی تھی مگر میرے دل میں کئی اوٹ پٹانگ باتیں پیدا ہو گئی تھیں۔ دعا اور یہ باتیں غلط ملط ہوکر ایک بے ربط عبارت بن گئی تھی۔

’’اللہ میاں۔ میں نے سگریٹ۔ بیڑا غرق ایک پوری ڈبیا سگرٹوں کی میرے نیکر کی جیب میں پڑی ہے۔ اگر کسی نے دیکھ لی تو کیا ہو گا۔ کہیں ثقلین ہی نہ لے اڑے۔ اللہ میاں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ سگریٹ پینے میں کیا برائی ہے؟ ابا جی نے چھٹی جماعت سے پینے شروع کیے تھے۔ اللہ میاں۔ سگرٹ والے کے ساڑھے تیرہ آنے میری طرف نکلتے ہیں۔ ان کی ادائیگی کیسے ہو گی اور اسکول میں مٹھائی والے کے بھی چھ آنے دینا ہیں۔ مٹھائی اس کی بالکل واہیات ہے لیکن میں کھاتا کیوں ہوں؟۔ اللہ میاں مجھے معاف کردے۔ جو سگریٹ ابا جی پیتے ہیں ان کا مزا کچھ اور ہی قسم کا ہوتا ہے۔ پان کھا کر سگریٹ پینے کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ اللہ میاں۔ اب کے نہر پہ جائیں گے تو سگریٹوں کا ڈبہ ضرور خریدیں گے۔ کب تک سگریٹ والا ادھار دیتا رہے گا۔ امی جان کا بٹوہ۔ اللہ میاں مجھے معاف کردے۔ ‘‘

میں دل ہی دل میں خاموش دعا مانگوں تو یہی گڑبڑ ہو جاتی ہے۔ چنانچہ یہی وجہ ہے کہ مجھے غسل خانے کے اندر جانا پڑتا تھا۔ دروازہ بند کرکے میں وہاں اپنے خیالات کو آوارہ نہیں ہونے دیتا تھا۔ میلی چھت کی طرف نگاہیں اٹھائیں۔ سانس روکا اور ہولے ہولے دعا گنگنانا شروع کردی۔ عجیب بات ہے کہ جو دعا میں نے اس غلیظ غسل خانے میں مانگی، قبول ہوئی۔ انار کی چوری کا ابا جی کوکچھ علم نہ ہوا۔ سگریٹ پینے کے متعلق بھی وہ کچھ جان نہ سکے اس لیے کہ ان کا دوست اس روز شام کو کلکتے چلا گیا جہاں اس نے مستقل رہائش اختیار کرلی۔ غسل خانے سے میرا اعتقاد اور بھی پختہ ہو گیا۔ جب میں نے دسویں جماعت کا امتحان دینے کے دوران میں دعا مانگی اور وہ قبول ہُوئی۔ جیومیٹری کا پرچہ تھا۔ میں نے غسل خانے میں جا کر تمام پراپوزیشنیں کتاب سے پھاڑ کر اپنے پاس رکھ لیں اور دعا مانگی کہ کسی ممتحن کی نظر نہ پڑے اور میں اپنا کام اطمینان سے کرلوں۔ چنانچہ یہی ہُوا۔ میں نے پھاڑے ہُوئے اوراق نکال کرکاغذوں کے نیچے ڈیسک پر رکھ لیے اور اطمینان سے بیٹھا نقل کرتا رہا۔ ایک بار نہیں پچیسویں بارمیں نے اس غسل خانے میں حالات کی نزاکت محسوس کرکے دُعا مانگی جو قبول ہوئی۔ میرے بڑے بھائی ثقلین کو اس کا علم تھا مگر وہ میری ضعیف الاعتقادی سمجھتا تھا۔ بھئی کچھ بھی ہو۔ میرا تجربہ یہی کہتا ہے کہ اس غسل خانے میں مانگی ہوئی دعا کبھی خالی نہیں گئی۔ میں نے اور جگہ بھی دعائیں مانگ کر دیکھی ہیں لیکن ان میں سے ایک بھی قبول نہیں ہوئی۔ کیوں؟۔ اس کا جواب نہ میں دے سکتا ہوں اور نہ میرا بڑا بھائی ثقلین۔ ممکن ہے آپ میں سے کوئی صاحب دے سکیں۔ چند برس پیچھے کا ایک دلچسپ واقعہ آپ کو سناتا ہوں۔ میرے چچا جان کی شادی تھی۔ آپ سنگاپور سے اس غرض کے لیے آئے تھے۔ چونکہ ان کا اور ہمارا گھر۔ بالکل ساتھ ساتھ ہے اس لیے جتنی رونق ان کے مکان میں تھی اتنی ہی ہمارے مکان میں بھی تھی بلکہ اس سے کچھ زیادہ ہی کہیے کیونکہ لڑکی والے ہمارے گھر آگئے تھے آدھی آدھی رات ڈھولک کے گیت گائے جاتے تھے۔ ہونے والی دلہن سے چھیڑ چھاڑ۔ عجیب و غریب رسمیں۔ تیل۔ مہندی اور خدا معلوم کیا کیا کچھ۔ بچوں کی چیخ و پکار۔ الہڑ لڑکیوں کی نئی گرگابیوں اور سینڈلوں میں ایک چلت پھرت۔ اوٹ پٹانگ کھیل۔ غرض کہ ہر وقت ایک ہنگامہ مچا رہتا تھا۔ جب اس قسم کی خوشگوار افراتفری پھیلی ہو تو لڑکیوں کو چھیڑنے کا بہت لطف آتا ہے بلکہ یُوں کہیے کہ شادی بیاہ کے ایسے ہنگاموں ہی پر لڑکیوں کو چھیڑنے کا موقع ملتا ہے۔ ہمارے دور کے رشتہ دار شالباف تھے۔ ان کی لڑکی مجھے بہت پسند تھی۔ اس سے پہلے تین چار مرتبہ ہمارے یہاں آچکی تھی۔ اس کو دیکھ کر مجھے یہ محسوس ہوتا تھا کہ وہ ایک رُکی ہوئی ہنسی ہے۔ نہیں۔ میں اپنے مافی الضمیر کو اچھی طرح بیان نہیں کر سکا۔ اس کا سارا وجود کھلکھلا کر ہنس اُٹھتا اگر اس کو ذرا سا چھیڑ دیا جاتا۔ بالکل ذرا سا یعنی اس کو اگر صرف چُھو لیا جاتا تو بہت ممکن ہے وہ ہنسی کا فوارہ بن جاتی۔ اس کے ہونٹوں اور اس کی آنکھوں کے کونوں میں۔ اس کی ناک کے ننھے ننھے نتھنوں میں۔ اس کی پیشانی کی مصنوعی تیوریوں میں۔ اس کے کان کی لووں میں ہنسی کے ارادے مرتعش رہتے تھے۔ میں نے اس کے چھیڑنے کا پورا تہیہ کرلیا۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ سیڑھیوں کی بتی خراب ہو گئی۔ بلب فیوز ہوا یا کیا ہوا بہر حال اچھا ہوا کیونکہ وہ بار بار کہیں نیچے آتی تھی اور کبھی اوپر جاتی تھی۔ میں غسل خانے کے پاس اندھیرے میں ایک طرف ہوکرکھڑا ہو گیا۔ وہ اوپر جاتی یا نیچے آتی مجھ سے اسکی مڈبھیڑ ضرور ہوتی اور میں اندھیرے میں اس سے فائدہ اٹھا کر اپنا کام کر جاتا۔ بات معقول تھی چنانچہ میں کچھ دیر دم سادھے اسکا منتظر رہا۔ اور اس دوران میں اپنی آنکھوں کو تاریکی کا عادی بناتا رہا۔ کسی کے نیچے اترنے کی آواز آئی۔ کھٹ۔ کھٹ۔ کھٹ۔ میں تیار ہو گیا۔ ابا جی تھے۔ انھوں نے پوچھا۔ کون ہے؟۔ میں نے کہا۔

’’جی عباس‘‘

۔ انھوں نے اندھیرے میں ایک زور کا طمانچہ میرے منہ پر مارا اور کہا۔

’’تمہیں شرم نہیں آتی۔ یہاں چھپ کر لڑکیوں کو چھیڑتے ہو۔ ثریا ابھی ابھی اپنی ایک سہیلی سے تمہاری اس بیہودہ حرکت کا ذکر کررہی تھی۔ اگر اس نے اپنی ماں سے کہہ دیا تو جانتے ہو کیا ہو گا؟۔ واہیات کہیں کے!۔ تمہیں اپنی عزت کا خیال نہیں اپنے بڑوں کی آبرو ہی کا کچھ لحاظ کرو۔ اور ثریا کی ماں نے آج ہی ثریا کے لیے تمہیں مانگا ہے۔ لعنت ہو تم پر۔ ‘‘

کھٹ کھٹ کھٹ۔ کسی کے نیچے اُترنے کی آواز آئی۔ ابا جی نے میرے حیرت زدہ منہ پر ایک اور طمانچہ رسید کیا اور بڑبڑاتے چلے گئے۔ کھٹ کھٹ کھٹ۔ ثریا تھی۔ میرے پاس سے گزرتے ہوئے ایک لحظے کے لیے ٹھٹکی اور حیا آلود غصے کے ساتھ یہ کہتی چلی گئی۔

’’خبردار جو اب آپ نے مجھے چھیڑا۔ امی جان سے کہہ دونگی۔ ‘‘

میں اور بھی زیادہ متحیر ہو گیا۔ دماغ پر بہت زور دیا مگر کوئی بات سمجھ میں نہ آئی۔ اتنے میں غسل خانے کا دروازہ چرچراہٹ کے ساتھ کھلا اور ثقلین باہر نکلا۔ میں نے اس سے پوچھا۔

’’تم یہاں کیا کررہے تھے؟‘‘

اس نے جواب دیا۔

’’دُعا مانگ رہا تھا۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کس لیے۔ ‘‘

مسکرا کر اس نے کہا۔

’’ثریا کو میں نے چھیڑا تھا۔ ‘‘

میں آپ سے جھوٹ نہیں کہتا۔ اس غسل خانے میں جو دعا مانگی جائے ضرور قبول ہوتی ہے۔

سعادت حسن منٹو

عورت ذات

مہاراجہ گ سے ریس کورس پر اشوک کی ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد دونوں بے تکلف دوست بن گئے۔ مہاراجہ گ کو ریس کے گھوڑے پالنے کا شوق ہی نہیں خبط تھا۔ اس کے اصطبل میں اچھی سے اچھی نسل کا گھوڑا موجود ت تھا۔ اور محل میں جس کے گنبد ریس کورس سے صاف دکھائی دیتے تھے۔ طرح طرح کے عجائب موجود تھے۔ اشوک جب پہلی بار محل میں گیا تو مہاراجہ گ نے کئی گھنٹے صرف کرکے اسکو اپنے تمام نوادر دکھائے۔ یہ چیزیں جمع کرنے میں مہاراجہ کو ساری دنیا کا دورہ کرنا پڑا تھا۔ ہر ملک کا کونہ کونہ چھاننا پڑا تھا۔ اشوک بہت متاثر ہوا۔ چنانچہ اس نے نوجوان مہاراجہ گ کے ذوقِ انتخاب کی خوب داد دی۔ ایک دن اشوک گھوڑوں کے ٹپ لینے کے لیے مہاراجہ کے پاس گیا۔ تو وہ ڈارک روم میں فلم دیکھ رہا تھا۔ اس نے اشوک کو وہیں بلوالیا۔ سکیٹن ملی میٹر فلم تھے جہا مہاراجہ نے خود اپنے کیمرے سے لیے تھے۔ جب پروجیکٹر چلا تو پچھلی ریس پوری کی پوری پردے سے دوڑ گئی۔ مہاراجہ کا گھوڑا اس ریس میں ون آیا تھا۔ اس فلم کے بعد مہاراجہ نے اشوک کی فرمائش پر اور کئی فلم دکھائے۔ سوئٹزرلینڈ، پیرس، نیویارک، ہونو لولو، ہوائی، وادی کشمیر۔ اشوک بہت محظوظ ہوا یہ فلم قدرتی رنگوں میں تھے۔ اشوک کے پاس بھی سکیٹن ملی میٹر کیمرہ اور پروجیکٹر تھا۔ مگر اس کے پاس فلموں کا اتنا ذخیرہ نہیں تھا۔ دراصل اس کو اتنی فرصت ہی نہیں ملتی تھی کہ اپنا یہ شوق جی بھر کے پورا کرسکے۔ مہاراجہ جب کچھ فلم دکھا چکا تو اس نے کیمرے میں روشنی کی اور بڑی بے تکلفی سے اشوک کی ران پر دھپا مار کرکہا۔

’’اور سناؤ دوست۔ ‘‘

اشوک نے سگریٹ سلگایا

’’مزا آگیا فلم دیکھ کر‘‘

’’اور دکھاؤں‘‘

’’نہیں نہیں‘‘

’’نہیں بھئی ایک ضرور دیکھو۔ مزا آجائے گاتمہیں‘‘

یہ کہہ کر مہاراجہ گ نے ایک صندوقچہ کھول کر ایک ریل نکالی اور پروجیکٹر پرچڑھا دی

’’ذرا اطمینان سے دیکھنا‘‘

اشوک نے پوچھا

’’کیا مطلب؟‘‘

مہاراجہ نے کمرے کی لائٹ اوف کردی

’’مطلب یہ کہ ہر چیز غور سے دیکھنا‘‘

یہ کہہ کر اس نے پروجیکٹر کا سوئچ دبا دیا۔ پردے پر چند ل لمحات صرف سفید روشنی تھرتھراتی رہی، پھر ایک دم تصویریں شروع ہو گئیں۔ ایک الف ننگی عورت صوفے پر لیٹی تھی۔ دوسری سنگار میز کے پاس کھڑی اپنے بال سنوار رہی تھی۔ اشوک کچھ دیر خاموش بیٹھا دیکھتا رہا۔ اس کے بعد ایک دم اسکے حلق سے عجیب و غریب آواز نکلی۔ مہاراجہ نے ہنس کر اس سے پوچھا

’’کیا ہوا؟‘‘

اشوک کے حلق سے آواز پھنس پھنس کر باہر نکلی

’’بند کرو یار بند کرو۔ ‘‘

’’کیا بند کرو؟‘‘

اشوک اٹھنے لگا مہاراجہ گ نے اسے پکڑ کربٹھا دیا

’’یہ فلم تمہیں پورے کا پورا دیکھنا پڑے گا۔ ‘‘

فلم چلتا رہا۔ پردے پر برہنگی منہ کھولے ناچتی رہی۔ مرد اور عورت کا جنسی رشتہ مادر زاد عریانی کے ساتھ تھرکتا رہا۔ اشوک نے ساراوقت بے چینی میں کاٹا۔ جب فلم بند ہوا اور پردے پر صرف سفید روشنی تھی تو اشوک کو ایسا محسوس ہوا کہ جو کچھ اس نے دیکھا تھا۔ پروجیکٹر کی بجائے اسکی آنکھیں پھینک رہی ہیں۔ مہاراجہ گ نے کمرے کی لائٹ اون کی اور اشوک کی طرف دیکھا اور ایک زور کا قہقہہ لگایا۔

’’کیا ہو گیا ہے تمہیں؟‘‘

اشوک کچھ سکڑ سا گیا تھا۔ ایک دم روشنی کے باعث اسکی آنکھیں بھینچی ہوئی تھیں۔ ماتھے پر پسینے کے موٹے موٹے قطرے تھے۔ مہاراجہ گ نے زور سے اس کی ران پر دھپا مارا۔ اور اس قدر بے تحاشا ہنسا کہ اسکی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اشوک صوفے پرسے اٹھا۔ رومال نکال کر اپنے ماتھے کا پسینہ پونچھا۔

’’کچھ نہیں یار۔ ‘‘

’’کچھ نہیں کیا۔ مزا نہیں آیا‘‘

اشوک کا حلق سوکھا ہوا تھا۔ تھوک نگل کر اس نے کہا۔

’’کہاں سے لائے یہ فلم؟‘‘

مہاراجہ نے صوفے پر لیٹتے ہوئے جواب دیا

’’پیرس سے۔ پے ری۔ پے ری!‘‘

اشوک نے سر کو جھٹکا سا دیا۔

’’کچھ سمجھ میں نہیں آتا‘‘

’’کیا؟‘‘

’’یہ لوگ۔ میرا مطلب ہے کیمرے کے سامنے یہ لوگ کیسے۔ ‘‘

’’یہی تو کمال ہے۔ ہے کہ نہیں؟‘‘

’’ہے تو سہی۔ ‘‘

یہ کہہ کر اشوک نے رومال سے اپنی آنکھیں صاف کیں۔

’’ساری تصویریں جیسے میری آنکھوں میں پھنس گئی ہیں۔ ‘‘

مہاراجہ گ اٹھا۔

’’میں نے ایک دفعہ چنڈ لیڈیز کو یہ فلم دکھایا‘‘

اشوک چلایا۔

’’لیڈیز کو؟‘‘

’’ہاں ہاں۔ بڑے مزے لے لے کردیکھا انھوں نے‘‘

’’غلط‘‘

مہاراجہ نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ کہا۔

’’سچ کہتا ہوں۔ ایک دفعہ دیکھ کر دوسری دفعہ پھر دیکھا۔ بھینچتی، چلاتی اور ہنستی رہیں۔ ‘‘

اشوک نے اپنے سر کو جھٹکا سا دیا

’’حد ہو گئی ہے۔ میں توسمجھتا تھا وہ۔ بے ہوش ہو گئی ہوں گی۔ ‘‘

’’میرا بھی یہی خیال تھا، لیکن انھوں نے خوب لطف اٹھایا۔ ‘‘

اشوک نے پوچھا

’’کیا یورپین تھیں؟‘‘

مہاراجہ گ نے کہا۔

’’نہیں بھائی۔ اپنے دیس کی تھیں۔ مجھ سے کئی باریہ فلم اور پروجیکٹر مانگ کر لے گئیں۔ معلوم نہیں کتنی سہیلیوں کو دکھا چکی ہیں۔ ‘‘

میں نے کہا۔

’’اشوک کچھ کہتے کہتے رک گیا‘‘

’’کیا؟‘‘

’’ایک دو روز کے لیے یہ فلم دے سکتے ہو مجھے؟‘‘

’’ہاں ہاں لے جاؤ!‘‘

یہ کہہ کر مہاراجہ نے اشوک کی پسلیوں میں ٹھونکا دیا۔

’’سالے کس کو دکھائے گا۔ ‘‘

’’دوستوں کو‘‘

’’دکھا جس کو بھی تیری مرضی!‘‘

یہ کہہ کر مہاراجہ گ نے پروجیکٹر میں سے فلم کا اسپول نکالا۔ اس کو دوسرے اسپول چڑھا دیا اور ڈبہ اشوک کے حوالے کردیا۔

’’لے پکڑ۔ عیش کر!‘‘

اشوک نے ڈبہ ہاتھ میں لے لیا تو اس کے بدن میں جُھرجھری سی دوڑ گئی۔ گھوڑوں کے ٹپ لینا بھول گیا اور چند منٹ ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بعد چلا گیا۔ گھر سے پروجیکٹر لے جا کر اس نے کئی دوستوں کویہ فلم دکھایا۔ تقریباً سب کے لیے انسانیت کی یہ عریانی بالکل نئی چیز تھی۔ اشوک نے ہر ایک کارد عمل نوٹ کیا۔ بعض نے خفیف سی گھبراہٹ اور فلم کا ایک ایک انچ غور سے دیکھا۔ بعض نے تھوڑا سا دیکھ کر آنکھیں بند کرلیں۔ بعض آنکھیں کھلی رکھنے کے باوجود فلم کو تمام و کمال طور پر نہ دیکھ سکے۔ ایک برداشت نہ کرسکا اور اٹھ کرچلا گیا۔ تین چار روز کے بعد اشوک کو فلم لوٹانے کا خیال آیا تو اس نے سوچا کیوں نہ اپنی بیوی کو دکھاؤں چنانچہ وہ پروجیکٹر اپنے گھر لے گیا۔ رات ہوئی تو اس نے اپنی بیوی کو بلایا۔ دروازے بند کیے۔ پروجیکٹر کا کنکشن وغیرہ ٹھیک کیا۔ فلم نکالا۔ اس کو فِٹ کیا۔ کمرے کی بتی بجھائی اور فلم چلادیا۔ پردے پر چند لمحات سفید روشنی تھرتھرائی۔ پھر تصویریں شروع ہوئی۔ اشوک کی بیوی زور سے چیخی۔ تڑپی۔ اچھلی۔ اسکے منہ سے عجیب و غریب آواز نکلیں۔ اشوک نے اسے پکڑ کربٹھانا چاہا تو اس نے آنکھوں پر ہاتھ رکھ لیے اور چیخنا شروع کردیا۔

’’بند کرو۔ بند کرو‘‘

اشوک نے ہنس کر کہا

’’ارے بھئی دیکھ لو۔ شرماتی کیوں ہو‘‘

’’نہیں نہیں‘‘

یہ کہہ کر اس نے ہاتھ چھڑا کر بھاگنا چاہا اشوک نے اسکو زور سے پکڑ لیا وہ ہاتھ جو اسکی آنکھوں پر تھا۔ ایک طرف کھینچا۔ اس کھینچا تانی میں دفعتہ اشوک کی بیوی نے رونا شروع کردیا۔ اشوک کے بریک سے لگ گئی۔ اس نے تو محض تفریح کی خاطر اپنی بیوی کو فلم دکھایا تھا۔ روتی اور بڑبڑاتی اسکی بیوی دروازہ کھول کر باہر نکل گئی۔ اشوک چند لمحات بالکل خالی الذہن بیٹھا ننگی تصویریں دیکھتا رہا۔ جو حیوانی حرکات میں مشغول تھیں، پھر ایک دم اس نے معاملہ کی نزاکت کو محسوس کیا۔ اس احساس نے اسے خجالت کے سمندر میں غرق کردیا۔ اس نے سوچا مجھ سے بہت ہی نازیبا حرکت سرزد ہوئی۔ لیکن حیرت ہے کہ مجھے اس کا خیال تک نہ آیا۔ دوستوں کو دکھایا تھا۔ ٹھیک تھا۔ گھر میں اور کسی کو نہیں، اپنی بیوی۔ اپنی بیوی کو۔ اس کے ماتھے پرپسینہ آگیا۔ فلم چل رہا تھا۔ مادر زار برہنگی مختلف آسن اختیار کرتی دوڑ رہی تھی۔ اشوک نے اٹھ کر سوئچ اوف کردیا۔ پردے پرسب کچھ بجھ گیا۔ مگر اس نے اپنی انگاہیں دوسری طرف پھیر لیں۔ اس کا دل و دماغ شرمساری میں ڈوبا ہوا تھا۔ یہ احساس اس کو چبھ رہا تھا کہ اس سے ایک نہایت ہی نازیبا۔ نہایت ہی واہیات حرکت سرزد ہوئی۔ اس نے یہاں تک سوچا کہ وہ کیسے اپنی بیوی سے آنکھ ملا سکے گا۔ کمرے میں گُھپ اندھیرا تھا۔ ایک سگریٹ سلگا کر اس نے احساسِ ندامت کو مختلف خیالوں کے ذریعہ سے دورکرنے کی کوشش کی۔ مگر کامیاب نہ ہوا۔ تھوڑی دیر دماغ میں اِدھر اُدھر ہاتھ مارتا رہا۔ جب چاروں طرف سے سرزنش ہوئی تو زچ بچ ہو گیا۔ اور ایک عجیب سی خواہش اسکے دل میں پیدا ہوئی کہ جس طرح کمرے میں اندھیرا ہے اسی طرح اسکے دماغ پربھی اندھیرا چھا جائے۔ بار بار اسے یہ چیز ستا رہی تھی۔

’’ایسی واہیات حرکت اور مجھے خیال تک نہ آیا۔ ‘‘

پھر وہ سوچتا

’’بات اگر ساس تک پہنچ گئی۔ سالیوں کو پتہ چل گیا۔ میرے متعلق کیا رائے قائم کریں گے یہ لوگ کہ ایسے گرے ہوئے اخلاق کا آدمی نکلا۔ ایسی گندی ذہنیت کہ اپنی بیوی کو۔ ‘‘

تنگ آکر اشوک نے سگریٹ سلگایا۔ وہ ننگی تصویریں جو وہ کئی بار دیکھ چکا تھا اسکی آنکھوں کے سامنے ناچنے لگیں۔ ان کے عقب میں اسے اپنی بیوی کا چہرہ نظر آتا۔ حیران و پریشان، جس نے زندگی میں پہلی بار عفونت کا اتنا بڑا ڈھیر دیکھا ہو۔ سر جھٹک کر اشوک اٹھا اور کمرے میں ٹہلنے لگا۔ مگر اس سے بھی اس کا اضطراب دور نہ ہوا۔ تھوڑی دیر کے بعد وہ دبے پاؤں کمرے سے باہر نکلا۔ ساتھ والے کمرے میں جھانک کر دیکھا۔ اسکی بیوی منہ سر لپیٹ کر لیٹی ہوئی تھی۔ کافی دیر کھڑا سوچتا رہا۔ کہ اندرجا کر مناسب و موزوں الفاظ میں اُس سے معافی مانگے۔ مگر خود میں اتنی جرأت پیدا نہ کرسکا۔ دبے پاؤں لوٹا اور اندھیرے کمرے میں صوفے پرلیٹ گیا۔ دیر تک جاگتا رہا، آخر سو گیا۔ صبح سویرے اٹھا۔ رات کا واقع اس کے ذہن میں تازہ ہو گیا۔ اشوک نے بیوی سے ملنا مناسب نہ سمجھا اور ناشتہ کیے بغیر نکل گیا۔ آفس میں اُس نے دل لگا کر کوئی کام نہ کیا۔ یہ احساس اس کے دل و دماغ کے ساتھ چپک کر رہ گیا تھا۔

’’ایسی واہیات حرکت اورمجھے خیال تک نہ آیا۔ ‘‘

کئی بار اس نے گھربیوی کو ٹیلی فون کرنے کا ارادہ کیا مگر ہر بار نمبر کے آدھے ہندسے گھما کرریسیور رکھ دیا۔ دوپہر کو گھر سے جب اس کا کھانا آیا۔ تو اس نے نوکر سے پوچھا

’’میم صاحب نے کھانا کھالیا؟‘‘

نوکر نے جواب دیا۔

’’جی نہیں۔ وہ کہیں باہر گئے ہیں۔ ‘‘

’’کہاں؟‘‘

’’معلوم نہیں صاحب!‘‘

’’کب گئے تھے؟‘‘

’’گیارہ بجے‘‘

اشوک کا دل دھڑکنے لگا۔ بھوک غائب ہو گئی۔ دو چار نوالے کھائے اور ہاتھ اٹھا لیا۔ اسکے دماغ میں ہلچل مچ گئی تھی۔ طرح طرح کے خیالات پیدا ہورہے تھے۔ گیارہ بجے۔ ابھی تک لوٹی نہیں۔ گئی کہاں ہے۔ ماں کے پاس؟ کیا وہ اسے سب کچھ بتا دیگی؟۔ ضرور بتائے گی۔ ماں سے بیٹی سب کچھ کہہ سکتی ہے۔ ہوسکتا ہے بہنوں کے پاس گئی ہو۔ سنیں گی تو کیا کہیں گی؟۔ دونوں میری کتنی عزت کرتی تھیں۔ جانے بات کہاں سے کہاں پہنچے گی۔ ایسی واہیات حرکت اور مجھے خیال تک نہ آیا۔ ‘‘

اشوک آفس سے با ہر نکل گیا۔ موٹر لی اور اِدھر اُدھر آوارہ چکرلگاتا رہا۔ جب کچھ سمجھ میں نہ آیا تو اس نے موٹر کا رخ گھر کی طرف پھیر دیا۔

’’دیکھا جائے گا جوکچھ ہو گا۔ ‘‘

گھر کے پاس پہنچا تو اس کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا۔ جب لفٹ ایک دھچکے کے ساتھ اوپر اٹھی تو اس کا دل اچھل کر اس کے منہ میں آگیا۔ لفٹ تیسری منزل پر رکی۔ کچھ دیر سوچ کر اُس نے دروازہ کھولا۔ اپنے فلیٹ کے پاس پہنچا تو اس کے قدم رک گئے۔ اس نے سوچا کہ لوٹ جائے۔ مگر فلیٹ کا دروازہ کھلا اور اس کا نوکر بیڑی پینے کے لیے باہر نکلا۔ اشوک کو دیکھ کر اس نے بیڑی ہاتھ میں چھپائی اور سلام کیا۔ اشوک کو اندر داخل ہونا پڑا۔ نوکر پیچھے پیچھے آرہا تھا۔ اشوک نے پلٹ کر اس سے پوچھا۔

’’میم صاحب کہاں ہیں؟‘‘

نوکر نے جواب دیا۔

’’اندر کمرے میں؟‘‘

’’اور کون ہے؟‘‘

’’ان کی بہنیں صاحب۔ کولابے والے صاحب کی میم صاحب اور وہ پارٹی بائیاں!‘‘

یہ سن کر اشوک بڑے کمرے کی طرف بڑھا۔ دروازہ بند تھا۔ اس نے دھکا دیا۔ اندر سے اشوک کی بیوی کی پتلی مگر تیز آواز آئی

’’کون ہے؟‘‘

نوکر بولا

’’صاحب‘‘

اندر کمرے میں ایک دم گڑ بڑ شروع ہو گئی۔ چیخیں بلند ہوئیں۔ دروازوں کی چٹخیاں کھلنے کی آوازیں آئیں۔ کھٹ کھٹ پھٹ پھٹ ہوئی۔ اشوک کو ری ڈور سے ہوتا پچھلے دروازے سے کمرے میں داخل ہوا تو اس نے دیکھا کہ پروجیکٹر چل رہا اور پردے پردن کی روشنی میں دھندلی دھندلی انسانی شکلیں ایک نفرت انگیز مکانکی یک آہنگی کے ساتھ حیوانی حرکات میں مشغول ہیں۔ اشوک بے تحاشا ہنسنے لگا۔ 4جون1950ء

سعادت حسن منٹو

عقل داڑھ

’’آپ منہ سجائے کیوں بیٹھے ہیں؟‘‘

’’بھئی دانت میں درد ہو رہا ہے۔ تم تو خواہ مخواہ۔ ‘‘

’’خواہ مخواہ کیا۔ آپ کے دانت میں کبھی درد ہو ہی نہیں سکتا‘‘

’’وہ کیسے؟‘‘

’’آپ بھول کیوں جاتے ہیں کہ آپ کے دانت مصنوعی ہیں۔ جو اصلی تھے وہ تو کبھی کے رخصت ہو چکے ہیں‘‘

لیکن بیگم بھولتی تم ہو۔ میرے بیس دانتوں میں صرف نو دانت مصنوعی ہیں باقی اصلی اور میرے اپنے ہیں۔ اگر تمھیں میری بات پر یقین نہ ہو تو میرا منہ کھول کر اچھی طرح معائنہ کر لو‘‘

’’مجھے یقین آگیا۔ مجھے آپ کی ہر بات پر یقین آجاتا ہے۔ پرسوں آپ نے مجھے یقین دلایا کہ آپ سینمانھیں گئے تھے تو میں مان گئی پر آپ کے کوٹ کی جیب میں ٹکٹ پڑا تھا۔ ‘‘

’’وہ کسی اور دن کا ہو گا۔ میرا مطلب ہے آج سے کوئی دو ڈھائی مہینے پہلے کا جب میں کسی دوست کے ساتھ پکچر دیکھنے چلا گیا ہوں گا۔ ورنہ تم جانتی ہو، مجھے فلموں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ تم تو خیر ہر فلم دیکھتی ہو‘‘

’’خاک!۔ مجھے فرصت ہی کہاں ہوتی ہے‘‘

’’فرصت ہی فرصت ہے۔ بچیوں کو اسکول بھیجا۔ پھر سارا دن تم کیا کرتی ہو۔ نوکر ان کو اسکول سے لے آتا ہے۔ کھانا کھلا دیتا ہے۔ تم یا تو اپنی کسی سہیلی یا رشتے دار کے ہاں چلی جاتی ہو یا میٹنی شو دیکھنے۔ شام کو پھر دورہ پڑتا ہے اور چلی جاتی ہو پھر کوئی اور فلم دیکھنے‘‘

’’یہ سفید جھوٹ ہے‘‘

’’یہ سفید ہے نہ کالا۔ حقیقت ہے!‘‘

’’آپ کے دانت کا درد بھی کیا حقیقت ہے؟۔ چٹاخ پٹاخ باتیں کررہے ہیں‘‘

سب سے بڑا درد تو تم ہو۔ اس کے سامنے دانت کا درد کیا حقیقت رکھتا ہے‘‘

تو آپ نے جس طرح اپنے دانت نکلوائے تھے اسی طرح مجھے بھی نکال باہر پھینکیے‘‘

’’مجھ میں اتنی ہمت نہیں۔ اس کے لیے بڑی جرأت کی ضرورت ہے‘‘

’’آپ جرأت کی بات نہ کریں۔ آپ کو مفت میں ایک نوکرانی مل گئی ہے جو دن رات آپ کی خدمت کرتی ہے اسے آپ برطرف کیسے کرسکتے ہیں‘‘

غضب خدا کا۔ تم نے دن رات میری کیا خدمت کی ہے۔ پچھلے مہینے، مجھے جب نمونیہ ہو گیا تھا تو تم مجھے بیماری کی حالت ہی میں چھوڑ کر سیالکوٹ چلی گئی تھیں‘‘

’’وہ تو بالکل جدابات ہے‘‘

’’جدا بات کیا ہے؟‘‘

’’مجھے، آپ کو معلوم ہے اپنی عزیز ترین سہیلی نے بُلایا تھا کہ اُس کی بہن کی شادی ہو رہی ہے‘‘

’’اور یہاں جو میری بربادی ہو رہی تھی‘‘

’’آپ اچھے بھلے تھے۔ میں نے ڈاکٹر سے پوچھ لیا تھا۔ اس نے میری تشفی کر دی تھی کہ تشویش کی کوئی ضرورت نہیں۔ نمونیہ کا اٹیک کوئی اتنا سیریس نہیں۔ پھر پنسلین کے ٹیکے دیے جارہے ہیں۔ انشاء اللہ دو ایک روز میں تندرست ہو جائیں گے۔ ‘‘

’’تم سیالکوٹ میں کتنے دن رہیں‘‘

’’کوئی دس پندرہ دن‘‘

’’اس دوران میں تم نے مجھے کوئی خط لکھا؟۔ میری خیریت کے متعلق پوچھا؟‘‘

’’اتنی فرصت ہی نہیں تھی کہ آپ کو ایک سطر بھی لکھ سکتی‘‘

’’لیکن تم نے اپنی والدہ مکرمہ کو چار خط لکھے۔ !‘‘

’’وہ تو بہت ضروری تھے‘‘

’’میں نے سب پڑھے ہیں‘‘

’’آپ نے کیوں پڑھے؟۔ یہ بہت بد تمیزی ہے‘‘

’’یہ بد تمیزی میں نے نہیں کی تمہاری والدہ مکرمہ نے مجھے خود ان کو پڑھنے کے لیے کہا۔ اور مجھے معلوم ہوا کہ وہ کس قدر ضروری تھے‘‘

’’کیا ضروری تھے‘‘

’’بہت ضروری تھے۔ اس لیے کہ خاوند کے پھیپھڑوں کے مقابلے میں دلہن کے جہیز کی تفصیلات بہت اہم تھیں۔ اس کے بالوں کی افشاں۔ اس کے گالوں پر لگایا گیا غازہ۔ اس کے ہونٹوں کی سُرخی۔ اس کی زربفت کی قمیص۔ اور جانے کیا کیا۔ یہ تمام اطلاعیں پہچانا واقعی اشد ضروری تھا ورنہ دنیا کے تمام کاروبار رُک جاتے۔ چاند اور سورج کی گردش بند ہو جاتی۔ دلہن کے گھونگھٹ کے متعلق اگر تم نہ لکھتیں کہ وہ کس طرح بار بار جھنجھلا کر اُٹھا دیتی تھی تو میرا خیال ہے یہ ساری دنیا ایک بہت بڑا گھونگھٹ بن جاتی‘‘

’’آج آپ بہت بھونڈی شاعری کررہے ہیں‘‘

’’بجا ہے۔ تمہاری موجودگی میں اگر غالبؔ مرحوم بھی ہوتے تو وہ اسی قسم کی شاعری کرتے‘‘

’’آپ میری توہین کررہے ہیں‘‘

’’تم نالش کر دو۔ مقدمہ دائر کر دو۔ ‘‘

’’میں ان چکروں میں نہیں پڑنا چاہتی‘‘

’’تو پھر کن چکروں میں پڑنا چاہتی ہو۔ مجھے بتا دو‘‘

’’آپ سے جو میری شادی ہوئی تو اس سے بڑا چکر اور کون ہوسکتا ہے۔ میرے بس میں ہوا تو اس میں سے نکل بھاگوں۔ ‘‘

’’تمہارے بس میں کیا کچھ نہیں۔ تم چاہو تو آج ہی اس چکر سے نکل سکتی ہو‘‘

’’کیسے؟‘‘

’’یہ مجھے معلوم نہیں۔ تم ماشاء اللہ عقل مند ہو۔ کوئی نہ کوئی رستہ نکال لو تاکہ یہ روز روز کی بک بک اور جھک جھک ختم ہو۔ ‘‘

’’تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ خود یہ چاہتے ہیں کہ مجھے نکال باہر کریں‘‘

’’لاحول ولا۔ میں خود باہر نکالے جانے کے لیے تیار ہوں۔ ‘‘

’’کہاں رہیں گے آپ؟‘‘

’’کہیں بھی رہوں۔ کسی دوست کے ہاں کچھ دیر ٹھہر جاؤں گا۔ یا شاید کسی ہوٹل میں چلا جاؤں۔ اکیلی جان ہو گی۔ میں تو بھئی فٹ پاتھ پر بھی سو کر گزارہ کر سکتا ہوں۔ کپڑے اپنے ساتھ لے جاؤں گا۔ اُن کو کسی لانڈری کے حوالے کر دُوں گا۔ وہاں وہ اس گھر کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ رہیں گے۔ شیشے کی الماریوں میں سجے ہوں گے۔ جب گئے ایک سوٹ نکلوایا اُس کی دُھلائی یا ڈرائی کلینگ کے پیسے ادا کیے اور خراماں خراماں۔ ‘‘

’’خراماں خراماں، کہاں گئے؟‘‘

’’کہیں بھی۔ لارنس گارڈن ہے۔ سنیما ہیں۔ ریستوران ہیں۔ بس جہاں جی چاہا چلے گئے۔ کوئی پابندی تو نہیں ہو گی اُس وقت‘‘

’’یہاں میں نے آپ پر کون سی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں؟۔ کھلے بندوں جو چاہے کرتے ہیں۔ میں نے آپ کو کبھی ٹوکا ہے؟‘‘

’’ٹوکا تو نہیں ہے۔ لیکن میرا ہر بار ایسا جھٹکا کیا ہے کہ مہینوں طبیعت صاف رہی‘‘

’’اگر طبیعت صاف رہے تو اس میں کیا قباحت ہے۔ طبیعت ہمیشہ صاف رہنی چاہیے۔ ‘‘

’’مانتا ہوں کہ طبیعت ہمیشہ صاف رہنی چاہیے۔ مگر طبیعت صاف کرنے والے کو اتنا خیال ضرور مد نظر رکھنا چاہیے کہ وہ ضرورت سے زیادہ صاف نہ ہو جائے۔ ‘‘

’’آپ کے دانت میں درد ہو رہا تھا؟‘‘

’’وہ درد اب دل میں چلا گیا ہے۔ ‘‘

’’کیسے۔ ‘‘

’’آپ کی گفتگو ہر قسم کے کرشمے کرسکتی ہے۔ داڑھ میں شدت کا درد تھا لیکن آپ خدا معلوم کیوں تشریف لے آئیں اور مجھ سے لڑنا جھگڑنا شروع کر دیا کہ وہ داڑھ کا درد دل میں منتقل ہو گیا۔

’’میں یہ صرف پوچھنے آئی تھی کہ آپ کا منہ کیوں سوجا ہوا ہے۔ بس اس اتنی بات کا آپ نے بتنگڑ بنا دیا۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ کس کھوپڑی کے انسان ہیں۔ ‘‘

’’کھوپڑی تو مری ویسی ہے جیسی تمہاری یا دوسرے انسانوں کی۔ تمھیں اس میں کیا فرق محسوس ہوتا ہے‘‘

’’فرق، ساخت کے متعلق کچھ محسوس نہیں ہوتا لیکن میں یہ وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ آپ کی کھوپڑی میں یقیناً کوئی نقص ہے‘‘

’’کس قسم کا؟‘‘

’’میں قسم کہاں بتا سکتی ہوں۔ کسی ڈاکٹر سے پوچھیے‘‘

’’پوچھ لوں گا۔ لیکن اب میرے دل میں درد ہو رہا ہے‘‘

’’یہ سب جھوٹ ہے۔ آپ کا دل مضبوط ہے‘‘

’’تمھیں کیسے معلوم ہوا‘‘

’’آج سے دو برس پہلے جب آپ ہسپتال میں داخل ہوئے تھے تو آپ کا ایکس رے لیا گیا تھا۔ ‘‘

مجھے معلوم نہیں‘‘

’’آپ کو اتنا ہوش ہی کہاں تھا۔ مجھے آپ کوئی نرس سمجھتے تھے۔ عجیب عجیب باتیں کرتے تھے۔ ‘‘

’’بیماری میں ہر خطا معاف کر دینی چاہیے۔ جب تم کہتی ہو کہ میں غشی کے عالم میں تھا تو بتاؤ میں صحیح باتیں کیسے کرسکتا تھا۔

’’میں آپ کے دل کے متعلق کہہ رہی تھی۔ ہسپتال میں جب آپ کے پانچ چھ ایکس رے لیے گئے تو۔ ڈاکٹروں کا متفقہ فیصلہ تھا کہ یہ شخص صرف اپنے مضبوط دل کی وجہ سے جی رہا ہے۔ اس کے گردے کمزور ہیں۔ اس کی انتڑیوں میں ورم ہے۔ اس کا جگر خراب ہے۔ لیکن۔ ‘‘

’’لیکن کیا؟‘‘

’’انھوں نے یہ کہا تھا کہ نہیں مرے گا، اس لیے کے اس کے پھیپھڑے اور دل صحیح حالت میں ہیں‘‘

’’دل میں تو خیر تم بس رہی ہو۔ پھیپھڑوں میں معلوم نہیں کون رہتا ہے‘‘

’’رہتی ہو گی، آپ کی کوئی۔ ‘‘

’’کون؟۔ ‘‘

’’میں کیا جانوں‘‘

’’خدا کی قسم تمہارے سوا میں نے کسی اور عورت کو آنکھ اُٹھا کر بھی نہیں دیکھا۔ ‘‘

’’آنکھ جھکا کر دیکھا ہو گا۔ ‘‘

’’وہ تو خیر، دیکھنا ہی پڑتا ہے۔ مگر کبھی بُرے خیال سے نہیں۔ بس ایک نظر دیکھا اور چل دئیے۔ ‘‘

’’لیکن ایک نظر دیکھنا کیا بہت ضروری ہے۔ شریعت میں لکھا ہے؟‘‘

’’اس بحث کو چھوڑو۔ مجھے یہ بتاؤ کہ تم مجھ سے کہنے کیا آئی تھیں۔ تمہاری عادت ہے کہ اپنا مطلب بیان کرنے سے پہلے تم جھگڑا ضرور شروع کر دیا کرتی ہو۔ ‘‘

’’مجھے آپ سے کچھ نہیں کہنا تھا۔ ‘‘

’’تو آپ تشریف لے جائیے۔ مجھے دفتر کے چند کام کرنے ہیں‘‘

’’میں نہیں جاؤں گی۔ ‘‘

’’تو پھر تم خاموش بیٹھی رہو۔ میں کام ختم کر لوں تو جو تمھیں اول جلول بکنا ہے بک لینا۔ میری داڑھ میں شدت کا درد ہو رہا ہے‘‘

’’میں کس لیے آپ کے پاس آئی۔ ‘‘

’’مجھے کیا معلوم‘‘

’’میری عقل داڑھ نکل رہی ہے؟‘‘

’’خدا کا شکر ہے۔ تم کو اب کچھ عقل تو آ جائے گی‘‘

’’بہت درد ہو رہاہے‘‘

’’کوئی بات نہیں۔ اس درد ہی سے عقل آرہی ہے‘‘

سعادت حسن منٹو ۲۱؍ اکتوبر۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

عشقیہ کہانی

میرے متعلق عام لوگوں کو یہ شکایت ہے کہ میں عشقیہ کہانیاں نہیں لکھتا۔ میرے افسانوں میں چونکہ عشق و محبت کی چاشنی نہیں ہوتی، اس لیے وہ بالکل سپاٹ ہوتے ہیں۔ میں اب یہ عشقیہ کہانی لکھ رہا ہوں تاکہ لوگوں کی یہ شکایت کسی حد تک دور ہو جائے۔ جمیل کا نام اگر آپ نے پہلے نہیں سنا تو اب سن لیجیے۔ اس کا تعارف مختصر طور پر کرائے دیتا ہوں۔ وہ میرا لنگوٹیا تھا۔ ہم اکٹھے اسکول میں پڑھے، پھر کالج میں ایک ساتھ داخل ہوئے۔ میں ایف اے میں فیل ہو گیا اور وہ پاس۔ میں نے پڑھائی چھوڑ دی مگر اس نے جاری رکھی۔ ڈبل ایم۔ اے کیا اور معلوم نہیں کہاں غائب ہو گیا۔ صرف اتنا سننے میں آیا تھا کہ اس نے ایک پانچ بچوں والی ماں سے شادی کرلی تھی اور آبادان چلا گیا تھا۔ وہاں سے واپس آیا یا وہیں رہا، اس کے متعلق مجھے کچھ معلوم نہیں۔ جمیل بڑا عاشق مزاج تھا۔ اسکول کے دنوں میں اس کا جی بے قراررہتا تھا کہ وہ کسی لڑکی کی محبت میں گرفتار ہو جائے۔ مجھے ایسی گرفتاری سے کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی لیکن اس کی سرگرمیوں جو عشق سے متعلق ہوتیں، برابر حصہ لیا کرتا تھا۔ جمیل دراز قد نہیں تھا مگر اچھے خدوخال کا مالک تھا۔ میرا مطلب ہے کہ اسے خوبصورت نہ کہا جائے تو اس کے قبول صورت ہونے میں شک و شائبہ نہیں تھا۔ رنگ گورا اور سرخی مائل، تیز تیز باتیں کرنے والا، بلا کا ذہین، انسانی نفسیات کا طالب علم، بڑا صحت مند۔ اس کے دل و دماغ میں سن بلوغت تک پہنچنے سے کچھ عرصہ پہلے ہی عشق کرنے کی زبردست خواہش پیدا ہو گئی تھی۔ اس کو غالب کے اس شعر کا مفہوم اچھی طرح معلوم تھا ؂ عشق پر زور نہیں، ہے یہ وہ آتش غالب کہ لگائے نہ لگے اور بجھائے نہ بجھے مگر اس کے برعکس وہ یہ آگ خود اپنی ماچس سے لگانا چاہتا تھا۔ اس نے اس کوشش میں کئی ماچسیں جلائیں۔ میرا مطلب ہے کہ کئی لڑکیوں کے عشق میں گرفتار ہو جانے کے لیے نت نئے سوٹ سلوائے، بڑھیا سے بڑھیا ٹائیاں خریدیں، سینٹ کی سینکڑوں قیمتی شیشیاں استعمال کیں مگر یہ سوٹ، ٹائیاں اور سینٹ اس کی کوئی مدد نہ کرسکے۔ میں اور وہ، دونوں شام کو کمپنی باغ کا رخ کرتے۔ وہ خوب سجا بنا ہوتا۔ اس کے کپڑوں سے بہترین خوشبو نکل رہی ہوتی۔ باغ کی روشوں پر متعدد لڑکیاں بد صورت، خوبصورت، قبول صورت محو خرام ہوتی تھیں۔ وہ ان میں سے کسی ایک کو اپنے عشق کے لیے منتخب کرنے کی کوشش کرتا مگر ناکام رہتا۔ ایک دن اس نے مجھ سے کہا۔

’’سعادت! میں نے آخر کار ایک لڑکی چن ہی لی ہے۔ خدا کی قسم چندے آفتاب، چندے ماہتاب ہے۔ میں کل صبح سیر کے لیے نکلا۔ بہت سی لڑکیاں مائی کے ساتھ اسکول جارہی تھیں۔ ان میں ایک برقع پوش لڑکی نے جو اپنی نقاب ہٹائی تو اس کا چہرہ دیکھ کر میری آنکھیں خیرہ ہو گئیں۔ کیا حسن و جمال تھا! بس میں نے وہیں فیصلہ کرلیا کہ جمیل اب مزید تگ و دو چھوڑو، اس حسینہ ہی کے عشق میں تمہیں گرفتار ہونا چاہیے۔ ‘‘

ہونا کیا

’’تم ہو چکے ہو۔ ‘‘

اس نے فیصلہ کرلیا کہ وہ ہر روز صبح اٹھ کر اس مقام پر جہاں اس نے اس کافرجمال حسینہ کو دیکھا تھا، پہنچ جایا کرے گا اور اس کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس کے لیے اس کے ذہین دماغ نے بہت سے پلین سوچے تھے۔ ایک جودوسروں کے مقابلے میں زیادہ قابل عمل اور زود اثر تھا، اس نے مجھے بتا دیا تھا۔ اس نے حساب لگا کر سوچا تھا کہ دس دن متواتر اس لڑکی کو ایک ہی مقام پر کھڑے رہ کر دیکھنے اورگھورنے سے اتنا معلوم ہو جائے گا کہ اس کا مطلب کیا ہے۔ یعنی وہ کیا چاہتا ہے۔ اس مدت کے بعد وہ اس کا ردعمل ملاحظہ کرے گا اور اس تجزیئے کے بعد کوئی فیصلہ مرتب کرے گا۔ یہ اغلب تھا کہ وہ لڑکی اس کا دیکھنا گھورنا پسند نہ کرے۔ مائی سے یا اپنے والدین سے اس کے غیر اخلاقی رویئے کی شکایت کردے۔ یہ بھی ممکن تھا کہ وہ راضی ہو جاتی۔ اس کی ثابت قدمی اس پر اتنا اثر کرتی کہ اس کے ساتھ بھاگ جانے کو تیارہو جاتی۔ جمیل نے تمام پہلوؤں پر اچھی طرح غور کرلیا تھا۔ شاید ضرورت سے زیادہ۔ اس لیے کہ دوسرے روز جب وہ الارم بجنے پر اٹھا تو اس نے اس مقام پر جہاں اس لڑکی سے اس کی پہلی مرتبہ مڈبھیڑ ہوئی تھی، جانے کا خیال ترک کردیا۔ اس نے مجھ سے کہا۔

’’سعادت! میں نے یہ سوچا ہے کہ ہو سکتا ہے اسکول میں چھٹی ہو کیوں کہ جمعہ ہے۔ معلوم نہیں اسلامی اسکول میں پڑھتی ہے یا کسی گورنمنٹ اسکول میں۔ پھر یہ بھی ممکن تھا کہ اگر میں اسے زیادہ شدت سے گھورتا تو وہ بھنا جاتی۔ اس کے علاوہ اس بات کی کیا ضمانت تھی کہ دس دن کے اندر اندر مجھے اس کا رد عمل یقینی طور پر معلوم ہو جائے گا۔ بفرض محال وہ رضا مند ہو جاتی، میرا مطلب ہے مجھے بالمشافہ گفتگو کا موقع دے دیتی، تو میں اس سے کیا کہتا!‘‘

میں نے کہا۔

’’یہی کہ تم اس سے محبت کرتے ہو۔ ‘‘

جمیل سنجیدہ ہو گیا۔

’’یار، مجھ سے کبھی کہا نہ جاتا۔ تم سوچو نا اگر یہ سن کر وہ میرے منہ پر تھپر دے مارتی کہ جناب آپ کو اس کا کیا حق حاصل ہے، تو میں کیا جواب دیتا۔ زیادہ سے زیادہ میں کہہ سکتا کہ حضور محبت کرنے کا حق ہر انسان کو حاصل ہے مگر وہ ایک اور تھپڑ میرے مار سکتی تھی کہ تم بکواس کرتے ہو، کون کہتا ہے کہ تم انسان ہو۔ قصہ مختصر یہ کہ جمیل اس حسین و جمیل لڑکی کی محبت میں خود کو اپنی تجزیہ خودی کے باعث گرفتار نہ کراسکا۔ مگر اس کی خواہش بدستور موجود تھی۔ ایک اور خوبرو لڑکی اس کی تلاش کرنے والی نگاہوں کے سامنے آئی اور اس نے فوراً تہیہ کرلیا کہ اس سے عشق لڑانا شروع کردے گا۔ جمیل نے سوچا کہ اس سے خط و کتابت کی جائے، چنانچہ اس نے پہلے خط کے کئی مسودے پھاڑنے کے بعد ایک آخری، عشق و محبت میں شرابور، تحریر مکمل کی، جو میں یہاں من و عن نقل کرتا ہوں: جان جمیل! اپنے دل کی دھڑکنیں سلام کے طور پر پیش کرتا ہوں۔ حیران نہ ہو ئیے گا کہ یہ کون ہے جو آپ سے یوں بے دھڑک ہم کلام ہے۔ میں عرض کیے دیتا ہوں۔ کل شام کو سوا چھ بجے۔ نہیں، چھ بج کر گیارہ منٹ پر جب آپ امرت سینما کے پاس تانگے میں سے اتریں تو میں نے آپ کو دیکھا۔ بس ایک ہی نظر میں اُس نے مجھے مسحورکرلیا۔ آپ اپنی سہیلیوں کے ساتھ پکچر دیکھنے چلی گئیں اورمیں باہر کھڑا آپ کو اپنی تصور کی آنکھوں سے مختلف روپوں میں دیکھتا رہا۔ دو گھنٹے کے بعد آپ باہر نکلیں۔ پھر زیارت نصیب ہوئی اور میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے آپ کا غلام ہو گیا۔ میری سمجھ میں نہیں آتا میں آپ کو اور کیا لکھوں۔ بس اتنا پوچھنا چاہتا ہوں کیا آپ میری محبت کو اپنے حسن و جمال کے شایان سمجھیں گی یا نہیں۔ اگر آپ نے مجھے ٹھکرا دیا تو میں خود کشی نہیں کروں گا، زندہ رہوں گا تاکہ آپ کے دیدار ہوتے رہیں۔ آپ کے حسن و جمال کا پرستار جمیل یہ خط اس نے میرے گھر میں ایک خوشبودار کاغذ پر اپنی تحریر سے منتقل کیا تھا۔ لفافہ پھول دار اور خوشبودار تھاجس کو جمالیاتی ذوق نے پسند نہیں کیا تھا۔ چند روز کے بعد جمیل مجھ سے ملا تو معلوم ہوا کہ اس نے یہ خط اس لڑکی تک نہیں پہنچایا۔ اولاً اس لیے کہ عشق کا آغاز خط سے کرنا نامناسب ہے۔ ثانیاً اس لیے کہ اس خط کی تحریر بے ربط اور بے اثر ہے۔ اس نے خود کو لڑکی متصور کرکے یہ خط پڑھا اور اس کو بہت مضحکہ خیز معلوم ہوا۔ ثالثاً اس لیے کہ تفتیش کرنے کے بعد اس کو معلوم ہوا کہ لڑکی ہندو ہے۔ یہ مرحلہ بھی شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔ اس کے گھر میں میرا آنا جانا تھا۔ مجھ سے کوئی پردہ وغیرہ نہیں تھا۔ ہم گھنٹوں بیٹھے پڑھائی یا گپ بازیوں میں مشغول رہتے۔ اس کی دو بہنیں تھیں۔ چھوٹی چھوٹی۔ ان سے بڑی بچگانہ قسم کی پرلطف باتیں ہوتیں۔ اس کی موسی کی ایک انتہا درجے کی سادہ لوح لڑکی عذرا تھی۔ عمر یہی کوئی سترہ اٹھارہ برس ہو گی۔ اس کا ہم دونوں بہت مذاق اڑایا کرتے تھے۔ جمیل کی جب دوسری کوشش بھی بار آور ثابت نہ ہوئی تو وہ دو مہینے تک خاموش رہا۔ اس دوران میں اس نے عشق میں گرفتار ہونے کی کوئی نئی کوشش نہ کی۔ لیکن اس کے بعد اس کو ایک دم دورہ پڑا اور اس نے ایک ہفتے کے اندر اندر پانچ چھ لڑکیاں اپنی عشق کی بندوق کے لیے نشانے کے طور پر منتخب کرلیں۔ پر نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات۔ صرف چار لڑکیوں کے متعلق مجھے اس کی عشقیہ مہم کے بارے میں علم ہے۔ پہلی نے جو اس کی دور دراز کی رشتے دار تھی، اپنی ماں کے ذریعے اس کی ماں تک یہ الٹی میٹم بھجوا دیا کہ اگر جمیل نے اس کو پھر بری نظر سے دیکھا تو اس کے حق میں اچھا نہ ہو گا۔ دوسری غور سے دیکھنے پر چیچک کے داغوں والی نکلی۔ تیسری کی چھٹے، ساتویں روز ایک قصائی سے منگنی ہو گئی۔ چوتھی کو اس نے ایک لمبا عشقیہ خط لکھا جو اس کی موسی کی بیٹی عذرا کے ہاتھ آگیا۔ معلوم نہیں کس طرح۔ پہلے جمیل اس کا مذاق اڑایا کرتا تھا، اب اس نے اڑانا شروع کردیا۔ اتنا کہ جمیل کا ناک میں دم آگیا۔ جمیل نے مجھے بتایا۔

’’سعادت! یہ عذرا جسے ہم بے وقوفی کی حد تک سادہ لوح سمجھتے ہیں، سخت ظالم ہے، سب سمجھتی ہے۔ جس لڑکی کو میں نے خط لکھا تھا اور غلطی سے اپنے میز کے دراز میں رکھ کر یہ سوچنے میں مشغول تھا کہ وہ اس کا کیا جواب لکھے گی، یہ کم بخت جانے کیسے لے اڑی۔ اب اس نے میرا ناطقہ بند کردیا۔ بعض اوقات ایسی تلخ باتیں کرتی ہے کہ مجھے رلاتی ہے اور خود بھی روتی ہے۔ میں تو تنگ آگیا ہوں۔ ‘‘

اس سے بہت زیادہ تنگ آکر اس نے اپنے عشق کی مہم اور تیز کردی۔ اب کی اس نے چودہ لڑکیاں چنیں مگر اچھی طرح غور کرنے کے بعد ان میں سے صرف ایک باقی رہ گئی۔ دس اس کے مکان سے بہت دور رہتی تھیں، جن کو ہر روز حتمی طور پر دیکھنے کے متعلق اس کا دل گواہی نہیں دیتا تھا۔ دو ایسی تھیں، جن کا خاندانی ہونے کے بارے میں اسے شبہ تھا۔ بارہ ہوئیں۔ تیرھویں نے ایک دن ایسی بری طرح گھورا کہ اس کے اوسان خطا ہو گئے۔ چودھویں جو کہ چودھویں کا چاند تھی، ملتفت ہو جاتی مگر وہ کم بخت کمیونسٹ تھی۔ جمیل نے سوچا کہ اس کا التفات حاصل کرنے کے لیے وہ ضرور کمیونسٹ بن جاتا، کھادی کے کپڑے پہن کر مزدوروں کے حق میں دس بارہ تقریریں بھی کردیتا، مگر مصیبت یہ تھی کہ اس کے والد صاحب ریٹائرڈ انجینئر تھے، ان کی پنشن یقیناً بند ہو جاتی۔ یہاں سے ناامیدی ہوئی تو اس نے سوچا کہ عشق بازی فضول ہے، شرافت یہی ہے کہ وہ کسی سے شادی کرلے۔ اس کے بعد اگر طبیعت چاہے تو اپنی بیوی کی محبت میں گرفتار ہو جائے۔ چنانچہ اس نے مجھے اس فیصلے سے آگاہ کردیا۔ طے یہ ہوا کہ وہ اپنی امی جان اور اپنے ابا جان سے بات کرے۔ بہت دنوں کی سوچ بچار کے بعد اس نے اس گفتگو کا مسودہ تیار کیا۔ سب سے پہلے اس نے اپنی امی سے بات کی۔ وہ خوش ہوئیں۔ ادھر ادھر اپنے عزیزوں میں انھوں نے جمیل کے لیے موزوں رشتہ ڈھونڈنے کی کوشش کی مگر ناکامی ہوئی۔ پڑوس میں خان بہادر صاحب کی لڑکی تھی۔ ایم۔ اے۔ بڑی ذہین اور طبیعت کی بہت اچھی۔ مگر اس کی ناک چپٹی تھی۔ خالہ کی بیٹی حسن آراء تھی پر بے حد کالی۔ صغریٰ تھی مگر اس کے والدین بڑے خسیس تھے۔ جہیز میں جتنے جوڑے جمیل کی ماں چاہتی تھی، اس سے وہ آدھے دینے پر بھی رضا مند نہیں تھے۔ عذرا کا تو کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ جمیل کی ماں نے بڑی کوششوں کے بعد راولپنڈی کے ایک معزز اور متمول خاندان کی لڑکی سے بات چیت طے کرلی۔ جمیل اپنی ناکام عشق بازیوں سے اس قدر تنگ آگیا تھا کہ اس نے اپنی ماں سے یہ بھی نہ پوچھا کہ شکل و صورت کیسی ہے۔ ویسے اس نے اپنے زندہ تصور میں اس کا اندازہ لگالیا تھا اور مفصل طور پر سوچ لیا تھا کہ وہ اس کی محبت میں کس طرح گرفتار ہو گا۔ یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ میں خوش تھا کہ جمیل کی شادی ہورہی ہے۔ جس کا نام غالباً شریفہ تھا، اس کی منگنی ہو گئی۔ اس تقریب پر اسے سسرال کی طرف سے ہیرے کی انگوٹھی ملی، جو وہ ہر وقت پہنے رہتاتھا۔ اس پر اس نے ایک نظم بھی لکھی جس کا کوئی شعر مجھے یاد نہیں۔ ایک برس تک سوچتا رہا کہ اسے اپنی دلہن کو کب اپنے یہاں لانا چاہیے۔ آدمی چونکہ آزاد اور روشن خیال قسم کا تھا اس لیے اس کی خواہش تھی کہ ماں باپ سے علیحدہ اپنا گھر بنائے۔ یہ کیسا ہونا چاہیے، اس میں کس ڈیزائن کا فرنیچر ہو، نوکر کتنے ہوں، ماہوار خرچ کتنا ہو گا، ساس کے ساتھ اس کا کیا سلوک ہو گا، ان تمام امور کے بارے میں اس نے کافی سوچ بچار کی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ لڑکی والے تنگ آگئے۔ وہ چاہتے تھے کہ رخصتی کا مرحلہ جلد از جلد طے ہو۔ جمیل اس بارے میں کوئی فیصلہ نہ کرسکا۔ لیکن اس کی امی نے ایک تاریخ مقرر کردی۔ کارڈ وارڈ چھپ گئے۔ ولیمے کی دعوت کے لیے ضروری سامان کا بندوبست کرلیا گیا۔ اس کے والد بزرگوار شیخ محمد اسماعیل صاحب ریٹائرڈ انجینئر بہت مسرور تھے مگر جمیل بہت پریشان تھا۔ اس لیے کہ وہ اپنے بننے والے گھر کا آخری نقشہ تیار نہیں کرسکا تھا۔ رخصتی کی تاریخ9 اکتوبر کی صبح کو۔ منہ ادھیرے جمیل میرے پاس سخت اضطراب اور کرب کے عالم میں آیا اور اس نے مجھے یہ خبر سنائی کہ اس کی موسی کی لڑکی عذرا نے جو بیوقوفی کی حد تک سادہ لوح تھی، خودکشی کرلی ہے، اس لیے کہ اس کو جمیل سے والہانہ عشق تھا۔ وہ برداشت نہ کرسکی کہ اس کے محبوب و معبود کی شادی کسی اور لڑکی سے ہو۔ اس ضمن میں اس نے جمیل کے نام خط لکھا۔

’’جس کی عبارت بہت درد ناک تھی۔ میرا خیال ہے کہ یہ تحریریادگار کے طور پر اس کے پاس محفوظ ہو گی۔

سعادت حسن منٹو

عِشق حقیقی

عشق و محبت کے بارے میں اخلاق کا نظریہ وہی تھا جو اکثر عاشقوں اور محبت کرنے والوں کا ہوتا ہے۔ وہ رانجھے پیر کا چیلا تھا۔ عشق میں مرجانا اسکے نزدیک ایک عظیم الشان موت مرنا تھا۔ اخلاق تیس برس کا ہو گیا۔ مگر باوجود کوششوں کے اس کو کسی سے عشق نہ ہوا لیکن ایک دن انگرڈ برگ مین کی پکچر

’’فور ہوم دی بل ٹونز‘‘

کا میٹینی شو دیکھنے کے دوران میں اس نے محسوس کیا کہ اس کا دل اس برقع پوش لڑکی سے وابستہ ہو گیا ہے۔ جو اس کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھی تھی اور سارا وقت اپنی ٹانگ ہلاتی رہی تھی۔ پردے پر جب سائے کم اور روشنی زیادہ ہوتی تو اخلاق نے اس لڑکی کو ایک نظر دیکھا۔ اس کے ماتھے پر پسینے کے ننھے ننھے قطرے تھے۔ ناک کی پھننگ پر چند بوندیں تھیں جب اخلاق نے اسکی طرف دیکھا تو اسکی ٹانگ ہلنا بند ہو گئی۔ ایک ادا کے ساتھ اس نے اپنے سیاہ برقعے کی جالی سے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا۔ یہ حرکت کچھ ایسی تھی کہ اخلاق کو بے اختیار ہنسی آگئی۔ اس لڑکی نے اپنی سہیلی کے کان میں کچھ کہا۔ دونوں ہولے ہولے ہنسیں۔ اس کے بعد اس لڑکی نے نقاب اپنے چہرے سے ہٹالیا۔ اخلاق کی طرف تیکھی تیکھی نظروں سے دیکھا اور ٹانگ ہلا کر فلم دیکھنے میں مشغول ہو گئی۔ اخلاق سگرٹ پی رہا تھا۔ انگرڈبرگ مین اسکی محبوب ایکٹرس تھیں۔

’’فور ہوم دی بل ٹولز‘‘

میں اس کے بال کٹے ہوئے تھے۔ فلم کے آغاز میں جب اخلاق نے اسے دیکھا تو وہ بہت ہی پیاری معلوم ہوئی۔ لیکن ساتھ والی سیٹ پر بیٹھی ہوئی لڑکی دیکھنے کے بعد وہ انگرڈ برگ مین کو بھول گیا۔ یوں تو قریب قریب سارا فلم اس کی نگاہوں کے سامنے چلا مگر اس نے بہت ہی کم دیکھا۔ سارا وقت وہ لڑکی اس کے دل و دماغ پر چھائی رہی۔ اخلاق سگریٹ پر سگریٹ پیتا رہا۔ ایک مرتبہ اس نے راکھ جھاڑی۔ تو اسکا سگریٹ انگلیوں سے نکل کر اس لڑکی کی گود میں جا پڑا۔ لڑکی فلم دیکھنے میں مشغول تھی اس لیے اس کو سگریٹ گرنے کا کچھ پتہ نہ تھا۔ اخلاق بہت گھبرایا۔ اسی گھبراہٹ میں اس نے ہاتھ بڑھا کرسگریٹ اس کے برقعے پر سے اٹھایا اور فرش پرپھینک دیا۔ لڑکی ہڑبڑا کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ اخلاق نے فوراً کہا

’’معافی چاہتا ہوں آپ پرسگریٹ گر گیا تھا۔ ‘‘

لڑکی نے تیکھی تیکھی نظروں سے اخلاق کی طرف دیکھا اور بیٹھ گئی۔ بیٹھ کر اس نے اپنی سہیلی سے سرگوشی میں کچھ کہا۔ دونوں ہولے ہولے ہنسیں اورفلم دیکھنے میں مشغول ہو گئیں۔ فلم کے اختتام پر جب قائداعظم کی تصویر نمودار ہوئی تو اخلاق اٹھا۔ خدا معلوم کیا ہوا کہ اس کا پاؤں لڑکی کے پاؤں کے ساتھ ٹکرایا۔ اخلاق ایک بار پھر سرتا پا معذرت بن گیا۔

’’معافی چاہتا ہوں۔ جانے آج کیا ہو گیا ہے۔ ‘‘

دونوں سہیلیاں ہولے ہولے ہنسیں۔ جب بھیڑ کے ساتھ باہر نکلیں تو اخلاق ان کے پیچھے پیچھے ہولیا۔ وہ لڑکی جس سے اس کو پہلی نظر کا عشق ہوا تھا مڑ مڑ کر دیکھتی رہی۔ اخلاق نے اسکی پرواہ نہ کی۔ اور ان کے پیچھے پیچھے چلتا رہا۔ اس نے تہیہ کرلیا تھا کہ وہ اس لڑکی کا مکان دیکھ کے رہے گا۔ مال روڈکے فٹ پاتھ پر وائی ایم سی اے کے سامنے اس لڑکی نے مڑ کر اخلاق کی طرف دیکھا اور اپنی سہیلی کا ہاتھ پکڑ کررک گئی۔ اخلاق نے آگے نکلنا چاہا تو وہ لڑکی اس سے مخاطب ہوئی

’’آپ ہمارے پیچھے پیچھے کیوں آرہے ہیں؟‘‘

اخلاق نے ایک لحظہ سوچ کر جواب دیا۔

’’آپ میرے آگے آگے کیوں جارہی ہیں۔ ‘‘

لڑکی کھکھلا کر ہنس پڑی۔ اس کے بعد اس نے اپنی سہیلی سے کچھ کہا۔ پھر دونوں چل پڑیں۔ بس اسٹینڈ کے پاس اس لڑکی نے جب مڑ کر دیکھا تو اخلاق نے کہا۔

’’آپ پیچھے آجائیے۔ میں آگے بڑھ جاتا ہوں۔ ‘‘

لڑکی نے منہ موڑ لیا۔ انار کلی کا موڑ آیا تو دونوں سہیلیاں ٹھہر گئیں۔ اخلاق پاس سے گزرنے لگا تو اس لڑکی نے اس سے کہا۔

’’آپ ہمارے پیچھے نہ آئیے۔ یہ بہت بری ہے۔ ‘‘

لہجے میں بہت سنجیدگی تھی۔ اخلاق نے

’’بہت بہتر‘‘

کہا اور واپس چل دیا۔ اس نے مڑ کر بھی ان کو نہ دیکھا۔ لیکن دل میں اسکو افسوس تھا کہ وہ کیوں اس کے پیچھے نہ گیا۔ اتنی دیرکے بعد اس کو اتنی شدت سے محسوس ہوا تھا کہ اس کو کسی سے محبت ہوئی ہے۔ لیکن اس نے موقعہ ہاتھ سے جانے دیا۔ اب خدا معلوم پھر اس لڑکی سے ملاقات ہو یا نہ ہو۔ جب وائی ایم سی کے پاس پہنچا تو ر ک کراس نے انار کلی کے موڑ کی طرف دیکھا۔ مگر اب وہاں کیا تھا۔ وہ تو اسی وقت انارکلی کی طرف چلی گئی تھیں۔ لڑکی کے نقش بڑے پتلے پتلے تھے۔ باریک ناک، چھوٹی سی ٹھوڑی، پھول کی پتیوں جیسے ہونٹ جب پردے پر سائے کم اور روشنی زیادہ ہوتی تھی تو اس نے اسکے بالائی ہونٹ پر ایک تل دیکھا تھا جو بے حد پیارا لگتا تھا۔ اخلاق نے سوچا تھا کہ اگر یہ تل نہ ہوتا تو شاید وہ لڑکی نامکمل رہتی۔ اس کا وہاں پر ہونا اشد ضروری تھا۔ چھوٹے چھوٹے قدم تھے جن میں کنوار پن تھا۔ چونکہ اس کو معلوم تھا کہ ایک مرد میرے پیچھے پیچھے آرہا ہے۔ اس لیے اُن کے ان چھوٹے چھوٹے قدموں میں ایک بڑی پیاری لڑکھڑاہٹ سی پیدا ہو گئی تھی۔ اس کا مڑ مڑ کر تو دیکھنا غضب تھا۔ گردن کو ایک خفیف سا جھٹکا دیکر وہ پیچھے اخلاق کی طرف دیکھتی اور تیزی سے منہ موڑ لیتی۔ دوسرے روز وہ انگرڈبرگ مین کا فلم پھر دیکھنے گیا۔ شو شروع ہوچکا تھا۔ والٹ ڈزنی کا کارٹون چل رہا تھا کہ وہ اندر ہال میں داخل ہوا۔ ہاتھ کو ہاتھ سجائی نہیں دیتا تھا۔ گیٹ کیپرکی بیٹری کی اندھی روشنی کے سہارے اس نے ٹٹول ٹٹول کر ایک خالی سیٹ تلاش کی اور اس پر بیٹھ گیا۔ ڈزنی کا کارٹون بہت مزاحیہ تھا۔ ادھر ادھر کئی تماشائی ہنس رہے تھے۔ دفعتہً بہت ہی قریب سے اخلاق کو ایسی ہنسی سنائی دی جس کو وہ پہچانتا تھا۔ مڑ کر اس نے پیچھے دیکھا تو وہی لڑکی بیٹھی تھی۔ اخلاق کا دل دھک دھک کرنے لگا۔ لڑکی کے ساتھ ایک نوجوان لڑکا بیٹھا تھا۔ شکل و صورت کے اعتبار سے وہ اس کا بھائی لگتا تھا۔ اسکی موجودگی میں وہ کِس طرح باربار مڑکر دیکھ سکتا تھا۔ انٹرول ہو گیا۔ اخلاق کوشش کے باوجود فلم اچھی طرح نہ دیکھ سکا۔ روشنی ہوئی تو وہ اٹھا۔ لڑکی کے چہرے پر نقاب تھا۔ مگر اس مہین پردے کے پیچھے اسکی آنکھیں اخلاق کو نظر آئیں جن میں مسکراہٹ کی چمک تھی۔ لڑکی کے بھائی نے سگریٹ نکال کر سلگایا۔ اخلاق نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا اور اس سے مخاطب ہوا

’’ذرا ماچس عنایت فرمائیے۔ ‘‘

لڑکی کے بھائی نے اس کوماچس دیدی۔ اخلاق نے اپنا سگریٹ سلگایا اور ماچس اس کو واپس دیدی

’’شکریہ!‘‘

لڑکی کی ٹانگ ہل رہی تھی۔ اخلاق اپنی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ فلم کا بقایا حصہ شروع ہوا۔ ایک دو مرتبہ اس نے مڑ کر لڑکی کی طرف دیکھا۔ اس سے زیادہ وہ کچھ نہ کرسکا۔ فلم ختم ہوا۔ لوگ باہر نکلنے شروع ہوئے۔ لڑکی اور اس کا بھائی ساتھ تھے۔ اخلاق ان سے ہٹ کر پیچھے پیچھے چلنے لگا۔ اسٹینڈرڈ کے پاس بھائی نے اپنی بہن سے کچھ کہا۔ ایک ٹانگے والے کو بلایا لڑکی اس میں بیٹھ گئی۔ لڑکا اسٹینڈرڈ میں چلا گیا۔ لڑکی نے نقاب میں سے اخلاق کی طرف دیکھا۔ اس کا دل دھک دھک کرنے لگا۔ ٹانگہ چل پڑا۔ اسٹینڈرڈ کے باہر اس کے تین چار دوست کھڑے تھے۔ ان میں سے ایک کی سائیکل اس نے جلدی جلدی پکڑی اور ٹانگے کے تعاقب میں روانہ ہو گیا۔ یہ تعاقب بڑا دلچسپ رہا۔ زور کی ہوا چل رہی تھی لڑکی کے چہرے پر سے نقاب اٹھ اٹھ جاتی۔ سیاہ جارجت کا پردہ پھڑپھڑا کر اسکے سفید چہرے کی جھلکیاں دکھاتا تھا۔ کانوں میں سونے کے بڑے بڑے جھومر تھے۔ پتلے پتلے ہونٹوں پر سیاہی مائل سرخی تھی۔ اور بالائی ہونٹ پر تِل۔ وہ اشد ضروری تِل۔ بڑے زور کا جھونکا آیا تو اخلاق کے سر پر سے ہیٹ اتر گیا اور سڑک پر دوڑنے لگا۔ ایک ٹرک گزر رہا تھا۔ اس کے و زنی پہیے کے نیچے آیا اور وہیں چت گیا۔ لڑکی ہنسی اخلاق مسکرا دیا۔ گردن موڑ کر ہیٹ کی لاش دیکھی جو بہت پیچھے رہ گئی تھی اور لڑکی سے مخاطب ہو کر کہا۔

’’اس کو تو شہادت کا رتب مل گیا۔ ‘‘

لڑکی نے منہ دوسری طرف موڑ لیا۔ اخلاق تھوڑی دیر کے بعد پھر اس سے مخاطب ہوا۔

’’آپ کو اعتراض ہے تو واپس چلے جاتا ہوں۔ ‘‘

لڑکی نے اس کی طرف دیکھا مگر کوئی جواب نہ دیا۔ انار کلی کی ایک گلی میں ٹانگہ رکا اور وہ لڑکی اتر کر اخلاق کی طرف بار بار دیکھتی نقاب اٹھا کر ایک مکان میں داخل ہو گئی۔ اخلاق ایک پاؤں سائیکل کے پیڈل پر اور دوسرا پاؤں دکان کے تھڑے پررکھے تھوڑی دیر کھڑا رہا۔ سائیکل چلانے ہی والا تھا کہ اس مکان کی پہلی منزل پر ایک کھڑکی کھلی۔ لڑکی نے جھانک کر اخلاق کو دیکھا۔ مگر فوراً ہی شرما کرپیچھے ہٹ گئی۔ اخلاق تقریباً آدھ گھنٹہ وہاں کھڑا رہا۔ مگر وہ پھر کھڑکی میں نمودار نہ ہوئی۔ دوسرے روز اخلاق صبح سویرے انارکلی کی اس گلی میں پہنچا۔ پندرہ بیس منٹ تک ادھر ادھر گھومتا رہا۔ کھڑکی بند تھی۔ مایوس ہو کر لوٹنے والا تھا کہ ایک فالسے بیچنے والا صدا لگاتا آیا۔ کھڑکی کھلی، لڑکی سر سے ننگی نمودا ہوئی۔ اس نے فالسے والے کو آواز دی۔

’’بھائی فالسے والے ذرا ٹھہرنا‘‘

پھر اسکی نگاہیں ایک دم اخلاق پر پڑیں۔ چونک کر وہ پیچھے ہٹ گئی۔ فالسے والے نے سر پر سے چھابڑی اتاری اور بیٹھ گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد وہ لڑکی سر پر دوپٹہ لیے نیچے آئی۔ اخلاق کو اس نے کنکھیوں سے دیکھا۔ شرمائی اور فالسے لیے بغیر واپس چلی گئی۔ اخلاق کو یہ ادا بہت پسند آئی۔ تھوڑا سا ترس بھی آیا۔ فالسے والے نے جب اس کو گھور کے دیکھا تو وہ وہاں سے چل دیا۔

’’چلو آج اتنا ہی کافی ہے۔ ‘‘

چند دن ہی میں اخلاق اور اس لڑکی میں اشارے شروع ہو گئے۔ ہر روز صبح نو بجے وہ انار کلی کی اس گلی میں پہنچتا۔ کھڑکی کھلتی وہ سلام کرتا وہ جواب دیتی، مسکراتی۔ ہاتھ کے اشاروں سے کچھ باتیں ہوتیں۔ اسکے بعد وہ چلی جاتی۔ ایک روز انگلیاں گھما کر اس نے اخلاق کو بتایا کہ وہ شام کے چھ بجے کے شو سینما دیکھنے جارہی ہے۔ اخلاق نے اشاروں کے ذریعہ سے پوچھا۔

’’کون سے سینما ہاؤس میں‘‘

اس نے جواب میں کچھ اشارے کیے۔ مگر اخلاق نہ سمجھا۔ آخرمیں اس نے اشاروں میں کہا۔

’’کاغذ پر لکھ کر نیچے پھینک دو۔ ‘‘

لڑکی کھڑکی سے ہٹ گئی۔ چند لمحات کے بعد اس نے ادھر ادھر دیکھ کرکاغذ کی ایک مڑوری سی نیچے پھینک دی۔ اخلاق نے اسے کھولا۔ لکھا تھا۔

’’پلازا۔ پروین۔ ‘‘

شام کو پلازا میں اسکی ملاقات پروین سے ہوئی۔ اس کے ساتھ اسکی سہیلی تھی۔ اخلاق اسکے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ فلم شروع ہوا تو پروین نے نقاب اٹھا لیا۔ اخلاق سارا وقت اس کو دیکھتا رہا۔ اس کا دل دھک دھک کرتا تھا۔ انٹرول سے کچھ پہلے اس نے آہستہ سے اپنا ہاتھ بڑھایا اور اس کے ہاتھ پر رکھ دیا۔ وہ کانپ اٹھی۔ اخلاق نے فوراً ہاتھ اٹھا لیا۔ دراصل وہ اس کو انگوٹھی دینا چاہتا تھا، بلکہ خود پہنانا چاہتا تھا جو اس نے اسی روز خریدی تھی۔ انٹرول ختم ہوا تو اس نے پھر اپنا ہاتھ بڑھایا اور اس کے ہاتھ پررکھ دیا وہ کانپی لیکن اخلاق نے ہاتھ نہ ہٹایا۔ تھوڑی سی دیر کے بعد اس نے انگوٹھی نکالی اور اسکی ایک انگلی میں چڑھا دی۔ وہ بالکل خاموش رہی۔ اخلاق نے اسکی طرف دیکھا۔ پیشانی اور ناک پر پسینے کے ننھے ننھے قطرے تھرتھرا رہے تھے۔ فلم ختم ہوا تو اخلاق اور پروین کی یہ ملاقات بھی ختم ہو گئی۔ باہر نکل کر کوئی بات نہ ہوسکی۔ دونوں سہیلیاں ٹانگے میں بیٹھیں۔ اخلاق کو دوست مل گئے۔ انھوں نے اُسے روک لیا لیکن وہ بہت خوش تھا۔ اس لیے کہ پروین نے اس کا تحفہ قبول کرلیا تھا۔ دوسرے روز مقررہ اوقات پر جب اخلاق پروین کے گھر کے پاس پہنچا تو کھڑکی کھلی تھی۔ اخلاق نے سلام کیا۔ پروین نے جواب دیا۔ اس کے داہنے ہاتھ کی انگلی میں اسکی پہنائی ہوئی انگوٹھی چمک رہی تھی۔ تھوڑی دیر اشارے ہوتے رہے اس کے بعد پروین نے ادھر ادھر دیکھ کر ایک لفافہ نیچے پھینک دیا۔ اخلاق نے اٹھایا۔ کھولا تو اس میں ایک خط تھا۔ انگوٹھی کے شکریے کا۔ گھر پہنچ کر اخلاق نے ایک طویل جواب لکھا۔ اپنا دل نکال کرکاغذوں میں رکھ دیا۔ اس خط کو اس نے پھول دار لفافے میں بند کیا۔ اس پر سینٹ لگایا اور دوسرے روز صبح نو بجے پروین کو دکھا کر نیچے لیٹر بکس میں ڈال دیا۔ اب اُن میں باقاعدہ خط و کتابت شروع ہو گئی۔ ہر خط عشق و محبت کا ایک دفتر تھا۔ ایک خط اخلاق نے اپنے خون سے لکھا جس میں اس نے قسم کھائی کہ وہ ہمیشہ اپنی محبت میں ثابت قدم رہے گا۔ اس کے جواب میں خونی تحریر ہی آئی۔ پروین نے بھی حلف اٹھایا کہ وہ مر جائے گی لیکن اخلاق کے سوا اور کسی کو شریک حیات نہیں بنائے گی۔ مہینوں گزر گئے۔ اس دوران میں کبھی کبھی کسی سینما میں دونوں کی ملاقات ہو جاتی تھیں۔ مل کربیٹھنے کا موقعہ انھیں نہیں ملتا تھا۔ پروین پر گھر کی طرف سے۔ بہت کڑی پابندیاں عائد تھیں۔ وہ باہر نکلتی تھی یا تو اپنے بھائی کے ساتھ یا اپنی سہیلی زہرہ کے س ساتھ۔ ان دو کے علاوہ اس کو اور کسی کے ساتھ باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اخلاق نے اسے کئی مرتبہ لکھا کہ زہرہ کے ساتھ وہ کبھی اسے بارہ دری میں جہانگیر کے مقبرے میں ملے۔ مگر وہ نہ مانی۔ اسکو ڈر تھا کہ کوئی دیکھ لے گا۔ اس اثنا میں اخلاق کے والدین نے اسکی شادی کی بات چیت شروع کردی۔ اخلاق ٹالتا رہا جب انھوں نے تنگ آکر ایک جگہ بات کردی تو اخلاق بگڑ گیا بہت ہنگامہ ہوا۔ یہاں تک کہ اخلاق کو گھر سے نکل کر ایک رات اسلامیہ کالج کی گراؤنڈ میں سونا پڑا۔ ادھر پروین روتی رہی۔ کھانے کو ہاتھ تک نہ لگایا۔ اخلاق دھن کا بہت پکا تھا۔ ضدی بھی پرلے درجے کا تھا۔ گھر سے باہر قدم نکالا تو پھر ادھر رخ تک نہ کیا۔ اس کے والد نے اس کو بہت سمجھایا مگر وہ نہ مانا۔ ایک دفتر میں سو روپے ماہوار پر نوکری کرلی اور ایک چھوٹا سا مکان کرایہ پر لے کررہنے لگا۔ جس میں نل تھا نہ بجلی۔ ادھر پروین اخلاق کی تکلیفوں کے دکھ میں گُھل رہی تھی گھر میں جب اچانک اس کی شادی کی بات چیت شروع ہوئی تو اس پربجلی سی گری۔ اس نے اخلاق کو لکھا۔ وہ بہت پریشان ہوا۔ لیکن پروین کو اس نے تسلی دی کہ وہ گھبرائے نہیں۔ ثابت قدم رہ۔ عشق انکا امتحان لے رہا ہے۔ بارہ دن گزر گئے۔ اخلاق کئی بار گیا۔ مگر پروین کھڑکی میں نظر نہ آئی۔ وہ صبر و قرار کھو بیٹھا نیند اسکی غائب ہو گئی۔ اس نے دفتر جانا چھوڑ دیا۔ زیادہ ناغے ہوئے تو اس کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ اس کو کچھ ہوش نہیں تھا۔ برطرفی کا نوٹس ملا تو وہ سیدھا پروین کے مکان کی چل پڑا۔ پندرہ دنوں کے طویل عرصے کے بعد اُسے پروین نظر آئی وہ بھی ایک لحظے کے لیے۔ جلدی سے لفافہ پھینک کر وہ چلی گئی۔ خط بہت طویل تھا۔ پروین کی غیر حاضری کا باعث یہ تھا کہ اس کا باپ اسکو ساتھ گوجرانوالہ لے گیا تھا جہاں اسکی بڑی بہن رہتی تھی۔ پندرہ دن وہ خون کے آنسو روتی رہی۔ اس کا جہیز تیار کیا جارہا تھا لیکن اس کو محسوس ہوتا تھا کہ اس کے لیے رنگ برنگے کفن بن رہے ہیں خط کے آخر میں لکھا۔ تاریخ مقرر ہو چکی ہے۔ میری موت کی تاریخ مقرر ہو چکی ہے۔ میں مرجاؤں گی۔ میں ضرور کچھ کھا کے مر جاؤں گی۔ اس کے سوا اور کوئی راستہ مجھے دکھائی نہیں دیتا۔ نہیں نہیں ایک اور راستہ بھی ہے۔ لیکن میں کیا اتنی ہمت کرسکوں گی۔ تم بھی اتنی ہمت کرسکو گے۔ میں تمہارے پاس چلی آؤں گی۔ مجھے تمہارے پاس آنا ہی پڑے گا۔ تم نے میرے لیے گھر بار چھوڑا۔ میں تمہارے لیے یہ گھر نہیں چھوڑ سکتی۔ جہاں میری موت کے سامان ہورہے ہیں۔ لیکن میں بیوی بن کر تمہارے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔ تم شادی کا بندوبست کرلو۔ میں صرف تین کپڑوں میں آؤنگی۔ زیور وغیرہ سب اتار کر یہاں پھینک دوں گی۔ ۔ جواب جلدی دو، ہمیشہ تمہاری۔ پروین۔ اخلاق نے کچھ نہ سوچا، فوراً اس کو لکھا

’’میری باہیں تمہیں ا پنے آغوش میں لینے کے لیے تڑپ رہی ہیں۔ میں تمہاری عزت و عصمت پر کوئی حرف نہیں آنے دوں گا۔ تم میری رفیقہ حیات بن کے رہو گی۔ زندگی بھر میں تمہیں خوش رکھوں گا۔ ‘‘

ایک دو خط اور لکھے گئے اس کے بعد طے کیا کہ پروین بدھ کو صبح سویرے گھر سے سے نکلے گی۔ اخلاق ٹانگہ لے کرگلی کے نکڑ پر اس کا انتظار کرے۔ بدھ کو منہ اندھیرے اخلاق ٹانگے میں وہاں پہنچ کر پروین کا انتظار کرنے لگا۔ پندرہ بیس منٹ گزر گئے۔ اخلاق کا اضطراب بڑھ گیا۔ لیکن وہ آگئی۔ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی وہ گلی میں نمودار ہوئی۔ چال میں لڑکھڑاہٹ تھی۔ جب وہ ٹانگے میں اخلاق کے ساتھ بیٹھی تو سرتا پا کانپ رہی تھی۔ اخلاق خود بھی کانپنے لگا۔ گھر پہنچے تو اخلاق نے بڑے پیارسے اس کے برقعے کی نقاب اٹھائی اور کہا

’’میری دولہن کب تک مجھ سے پردے کرے گی۔ ‘‘

پروین نے شرما کر آنکھیں جھکا لیں، اس کا رنگ زرد تھا جسم ابھی تک کانپ رہا تھا۔ اخلاق نے بالائی ہونٹ کے تل کی طرف دیکھا تو اس کے ہونٹوں میں ایک بوسہ تڑپنے لگا۔ اس کے چہرے کو اپنے ہاتھوں میں تھام کر اس نے تل والی جگہ کو چوما۔ پروین نے نہ کی اس کے ہونٹ کھلے۔ دانتوں میں گوشت خورہ تھا۔ مسوڑھے گہرے نیلے رنگ کے تھے۔ گلے ہوئے۔ سڑاند کا ایک بھبکا اخلاق کی ناک میں گھس گیا۔ ایک دھکا سا اس کو لگا۔ ایک اور بھبکا پروین کے منہ سے نکلا تو وہ ایک دم پیچھے ہٹ گیا۔ پروین نے حیا آلود آواز میں کہا۔

’’شادی سے پہلے آپ کو ایسی باتوں کا حق نہیں پہنچتا۔ ‘‘

یہ کہتے ہوئے اسکے گلے ہوئے مسوڑھے نمایاں ہوئے۔ اخلاق کے ہوش و ہواس غائب تھے دماغ سن گیا۔ دیر تک وہ دونوں پاس بیٹھے رہے۔ اخلاق کو کوئی بات نہیں سوجھتی تھی۔ پروین کی آنکھیں جھکی ہوئی تھیں۔ جب اس نے انگلی کا ناخن کاٹنے کے لیے ہونٹ کھولے تو پھر ان گلے ہوئے مسوڑوں کی نمائش ہوئی۔ بو کا ایک بھبکا نکلا۔ اخلاق کو متلی آنے لگی۔ اٹھا اور

’’ابھی آیا‘‘

کہہ کر باہر نکل گیا۔ ایک تھڑے پر بیٹھ کر اس نے بہت دیر سوچا۔ جب کچھ سمجھ میں نہ آیا تو لائل پور روانہ ہو گیا۔ جہاں اس کا ایک دوست رہتا تھا۔ اخلاق نے سارا واقعہ سنایا تو اس نے بہت لعن طعن کی اور اس سے کہا۔

’’فوراً واپس چاؤ۔ کہیں بے چاری خود کشی نہ کرلے۔ ‘‘

اخلاق رات کو واپس لاہور آیا۔ گھرمیں داخل تو پروین موجود نہیں تھی۔ پلنگ پر تکیہ پڑا تھا۔ اس پر دو گول گول نشان تھے۔ گیلے! اس کے بعد اخلاق کو پروین کہیں نظر نہ آئی۔ 5جون1950ء

سعادت حسن منٹو

عزت کے لیے

چونی لال نے اپنی موٹر سائیکل اسٹال کے ساتھ روکی اور گدی پربیٹھے بیٹھے صبح کے تازہ اخباروں کی سرخیوں پر نظر ڈالی۔ سائیکل رکتے ہی اسٹال پر بیٹھے ہوئے دونوں ملازموں نے اسے نمستے کہی تھی۔ جس کا جواب چونی لال نے اپنے سر کی خفیف جنبش سے دے دیا تھا۔ سرخیوں پر سرسری نظر ڈال کرچونی لال نے ایک بندھے ہوئے بنڈل کی طرف ہاتھ بڑھایا جو اسے فوراً دے دیا گیا۔ اس کے بعد اس نے اپنی بی ایس اے موٹر سائیکل کا انجن اسٹارٹ کیا اور یہ جا وہ جا۔ موڈرن نیوز ایجنسی قائم ہوئے پورے چار برس ہوچلے تھے۔ چونی لال اس کا مالک تھا۔ لیکن ان چار برسوں میں وہ ایک دن بھی اسٹال پر نہیں بیٹھا تھا۔ وہ ہر روز صبح اپنی موٹر سائیکل پر آتا، ملازموں کی نمستے کا جواب سر کی خفیف جنبش سے دیتا۔ تازہ اخباروں کی سرخیاں ایک نظر دیکھتا ہاتھ بڑھا کر بندھا ہوا بنڈل لیتا اور چلا جاتا۔ چونی لال کا اسٹال معمولی اسٹال نہیں تھا۔ حالانکہ امرتسر میں لوگوں کو انگریزی اور امریکی رسالوں اور پرچوں سے کوئی اتنی دلچسپی نہیں تھی۔ لیکن موڈرن نیوز ایجنسی ہر اچھا انگریزی اور امریکی رسالہ منگواتی تھی بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ چونی لال منگواتا تھا۔ حالانکہ اسے پڑھنے وڑھنے کا بالکل شوق نہیں تھا۔ شہر میں بہت کم آدمی جانتے تھے کہ موڈرن نیوز ایجنسی کھولنے سے چونی لال کا اصل مقصد کیا تھا۔ یوں تو اس سے چونی لال کو خاصی آمدن ہو جاتی تھی۔ اس لیے کہ وہ قریب قریب ہر بڑے اخبار کا ایجنٹ تھا۔ لیکن سمندر پار سے جو اخبار اوررسالے آتے بہت ہی کم تھے۔ پھر بھی ہرہفتے ولائت کی ڈاک سے موڈرن نیوز ایجنسی کے نام سے کئی خوبصورت بنڈل اور پیکٹ آتے ہی رہتے۔ اصل میں چونی لال یہ پرچے اور رسالے بیچنے کیلیے نہیں بلکہ مفت بانٹنے کے لیے منگواتا تھا۔ چنانچہ ہر روز صبح سویرے وہ ان ہی پرچوں کا بنڈل لینے آتا تھا جو اس کے ملازموں نے باندھ کر الگ چھوڑے ہوتے تھے۔ شہرکے جتنے بڑے افسر تھے سب چونی لال کے واقف تھے۔ بعض کی واقفیت صرف یہیں تک محدود تھی کہ ہر ہفتے ان کے یہاں جو انگریزی اور امریکی پرچے آتے ہیں۔ شہر میں کوئی ایک موڈرن نیوز ایجنسی ہے۔ اس کا مالک چونی لال ہے۔ وہ بھیجتا ہے اور بل کبھی روانہ نہیں کرتا۔ بعض ایسے بھی تھے جو اس کوبہت اچھی طرح جانتے تھے مثال کے طور پر ان کو معلوم تھا کہ چونی لال کا گھر بہت ہی خوبصورت ہے۔ ہے تو چھوٹا سامگر بہت ہی نفیس طریقے پر سجا ہے۔ ایک نوکر ہے راما، بڑا صاف ستھرا اور سو فی صدی نوکر۔ سمجھدار، معمولی سا اشارہ سمجھنے والا جس کو صرف اپنے کام سے غرض ہے۔ دوسرے کیا کرتے ہیں کیا نہیں کرتے اس سے اس کو دلچسپی نہیں۔ چونی لال گھر پر موجود ہو جب بھی ایک بات ہے۔ موجود نہ ہو جب بھی ایک بات ہے۔ مہمان کس غرض سے آیا ہے۔ یہ اس کو اُس کی شکل دیکھتے ہی معلوم ہو جاتا ہے۔ کبھی ضرورت محسوس نہیں ہو گی کہ اس سے سوڈے برف کے لیے کہا جائے یا پانوں کا آرڈر دیا جائے۔ ہر چیز خودبخود وقت پر مل جائے گی اور پھرتاک جھانک کا کوئی خدشہ نہیں۔ اس بات کا بھی کوئی کھٹکا نہیں کہ بات کہیں باہر نکل جائے گی۔ چونی لال اور اس کا نوکر راما دونوں کے ہونٹ دریا کے دریا پینے پر بھی خشک رہتے تھے۔ مکان بہت ہی چھوٹا تھا۔ بمبئی اسٹائل کا۔ یہ چونی لال نے خود بنوایا تھا۔ باپ کی وفات پر اسے دس ہزار روپیہ ملا تھا۔ جس میں سے پانچ ہزار اس نے اپنی چھوٹی بہن روپا کو دے دیے تھے اور جدی مکان بھی اور خود علیحدہ ہو گیا تھا۔ روپا اپنی ماں کے ساتھ اس میں رہتی تھی اور چونی لال اپنے بمبئے اسٹائل کے مکان میں۔ شروع شروع میں ماں بہن نے بہت کوشش کی کہ وہ ان کے ساتھ رہے۔ ساتھ نہ رہے تو کم از کم ان سے ملتا ہی رہے مگر چونی لال کو ان دونوں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے اپنی ماں اور بہن سے نفرت تھی۔ دراصل اسے شروع ہی سے ان دونوں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ البتہ باپ سے ضرور تھی کہ وہ تھانیدار تھا۔ لیکن جب وہ ریٹائر ہوا تو چونی لال کو اس سے بھی کوئی دلچسپی نہ رہی جس وقت اسے کالج میں کسی سے کہنا پڑتا کہ اس کے والد ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر ہیں تو اسے بہت کوفت ہوتی۔ چونی لال کو اچھی پوشش اور اچھے کھانے کا بہت شوق تھا۔ طبیعت میں نفاست تھی۔ چنانچہ وہ لوگ جو اس کے مکان میں ایک دفعہ بھی گئے۔ اس کے سلیقے کی تعریف اب تک کرتے ہیں۔ این ڈبلیو آر کے ایک نیلام میں اس نے ریل کے ڈبے کی ایک سیٹ خریدی تھی۔ اس کو اس نے اپنے دماغ سے بہت ہی عمدہ دیوان میں تبدیل کروالیا تھا۔ چونی لال کو یہ اس قدر پسند تھا کہ اسے اپنی خوابگاہ میں رکھوایا ہوا تھا۔ شراب اس نے کبھی چھوئی نہیں تھی۔ لیکن دوسروں کو پلانے کا بہت شوق تھا۔ ایرے غیرے کو نہیں، خاص الخاص آدمیوں کو۔ جن کی سوسائٹی میں اونچی پوزیشن ہو۔ جو کوئی مرتبہ رکھتے ہوں۔ چنانچہ ایسے لوگوں کی وہ اکثر دعوت کرتا۔ کسی ہوٹل یا قہوہ خانے میں انھیں اپنے گھر میں جواس نے خاص اپنے لیے بنوایا تھا۔ زیادہ پینے پر اگر کسی کی طبیعت خراب ہو جائے تو اسے کسی تردو کی ضرورت نہ ہوتی۔ کیونکہ چونی لال کے پاس ایسی چیزیں ہر وقت موجود رہتی تھیں۔ جن سے نشہ کم ہو جاتا تھا۔ ڈر کے مارے کوئی گھر نہ جانا چاہے تو علیحدہ سجے سجائے دو کمرے موجود تھے۔ چھوٹا سا ہال تھا۔ اس میں کبھی کبھی مجرے بھی ہوتے تھے۔ اکثر ایسا بھی ہوا کہ چونی لال کے اس مکان میں اس کے دوست کئی کئی دن اور کئی کئی راتیں اپنی سہیلیوں سمیت رہے۔ لیکن اس نے ان کو مطلق خبر نہ ہونے دی کہ وہ سب کچھ جانتا ہے۔ البتہ جب اس کا کوئی دوست ان کی ان نوازشوں کا شکریہ ادا کرتا تو چونی لال غیر متوقع طور پر بے تکلف ہو کر کہتا۔

’’کیا کہتے ہو یار۔ مکان تمہارا اپنا ہے۔ ‘‘

عام گفتگو میں وہ اپنے دوستوں کے اونچے مرتبے کے پیشِ نظر ایسا تکلف کبھی نہیں برتتا تھا۔ چونی لال کا باپ لالہ گردھاری لال عین اس وقت ریٹائر ہوا جب چونی لال تھرڈ ڈویژن میں انٹرنس پاس کرکے کالج میں داخل ہوا۔ پہلے تو یہ تھا کہ صبح شام گھر پہ ملنے والوں کا تانتا بندھا رہتا تھا۔ ڈالیوں پر ڈالیاں آرہی ہیں۔ رشوت کا بازار گرم ہے۔ تنخواہ بونس سیدھی بنک میں چلی جاتی تھی۔ لیکن ریٹائر ہونے پر کچھ ایسا پانسہ پلٹا کہ لالہ گردھاری لال کا نام جیسے بڑے آدمیوں کے رجسٹر سے کٹ گیا۔ یوں تو جمع پونجی کافی تھی۔ لیکن لالہ گردھاری لال نے بیکار مباش کچھ کیا کر، مکانوں کا سٹہ کھیلنا شروع کردیا اور دو برسوں ہی میں آدھی سے زیادہ جائیداد گنوا دی، پھر لمبی بیماری نے آگھیرا۔ ان تمام واقعات کا چونی لال پر عجیب و غریب اثر ہوا۔ لالہ گردھاری لال کا حال پتلا ہونے کے ساتھ چونی لال کے دل میں اپنا پرانا ٹھاٹ اور اپنی پرانی ساکھ قائم رکھنے کی خواہش بڑھتی گئی اور آخرمیں اس کے ذہن نے آہستہ آہستہ کچھ ایسی کروٹ بدلی کہ وہ بڑے آدمیوں کا بظاہر ہم جیلس تھا۔ ہم پیالہ و ہم نوالہ تھا۔ لیکن اصل میں وہ ان سے بہت دور تھا۔ ان کے رتبے سے، ان کی جاہ و منزلت سے البتہ اس کا وہی رشتہ تھا۔ جو ایک بُت سے پجاری کا ہو سکتا ہے یا ایک آقا سے ایک غلام کا۔ ہوسکتا ہے کہ چونی لال کے وجود کے کسی گوشے میں بہت ہی بڑا آدمی بننے کی خواہش تھی جو وہیں کی وہیں دب گئی اور یہ صورت اختیار کرگئی۔ جو اب اس کے دل و دماغ میں تھی۔ لیکن یہ ضرور ہے کہ جو کچھ بھی وہ کرتا۔ اس میں انتہائی درجے کا خلوص تھا۔ کوئی بڑا آدمی اس سے ملے نہ ملے یہی کافی تھا کہ وہ اس کے دیے ہوئے امریکی اور انگریزی پرچے ایک نظر دیکھ لیتا ہے۔ فسادات ابھی شروع نہیں ہوئے تھے بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ تقسیم کی بات بھی ابھی نہیں چلی تھی کہ چونی لال کی بہت دنوں کی مراد پوری ہوتی نظر آئی۔ ایک بہت ہی بڑے افسر تھے۔ جس سے چونی لال کی جان پہچان نہ ہوسکی تھی۔ ایک دفعہ اس کے مکان پر شہر کی سب سے خوبصورت طوائف کا مجرا ہوا۔ چند دوستوں کے ہمراہ اس بڑے افسر کا شرمیلا بیٹا ہربنس بھی چلا آیا۔ چنانچہ جب چونی لال کی اس نوجوان سے دوستی ہو گئی تو اس نے سمجھا کہ ایک نہ ایک دن اس کے باپ سے بھی راہ و رسم پیدا ہو ہی جائے گی۔ ہربنس جس نے تعیش کی زندگی میں نیا نیا قدم رکھا تھا بہت ہی الھڑ تھا۔ چونی لال خود تو شراب نہیں پیتا تھا۔ لیکن ہربنس کا شوق پورا کرنے کے لیے اور اسے شراب نوشی کے ادب آداب سکھانے کے لیے ایک دو دفعہ اسے بھی پینی پڑی۔ لیکن بہت ہی قلیل مقدار میں۔ لڑکے کو شراب پینی آگئی۔ تو اس کا دل کسی اور چیز کو چاہا۔ چونی لال نے یہ بھی مہیا کردی اور کچھ اس انداز سے کہ ہربنس کو جھینپنے کا موقع نہ ملے۔ جب کچھ دن گزر گئے تو چونی لال کو محسوس ہوا کہ ہربنس ہی کی دوستی کافی ہے۔ کیونکہ اسی کے ذریعے سے وہ لوگوں کی سفارشیں پوری کرالیتا تھا۔ ویسے تو شہر میں چونی لال کے اثر و رسوخ کا ہر شخص قائل تھا۔ لیکن جب سے ہربنس اس کے حلقہ واقفیت میں آیا تھا اس کی دھاک اور بھی زیادہ بیٹھ گئی تھی۔ اکثر یہی سمجھتے تھے کہ چونی لال اپنے اثر و رسوخ سے ذاتی فائدہ اٹھاتا ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ اس نے اپنے لیے کبھی کسی سے سفارش نہیں کی تھی۔ اس کو شوق تھا دوسروں کے کام کرنے کا اور انھیں اپنا ممنونِ احسان بنانے کا بلکہ یوں کہیے کہ ان کے دل و دماغ پر کچھ ایسے خیالات۔ طارق کرنے کا کہ بھی کمال ہے۔ ایک معمولی سی نیوز ایجنسی کا مالک ہے لیکن بڑے بڑے حاکموں تک اس کی رسائی ہے۔ بعض یہ سمجھتے تھے کہ وہ خفیہ پولیس کا آدمی ہے۔ جتنے منہ اتنی باتیں، لیکن چونی لال حقیقت میں جو کچھ تھا بہت ہی کم آدمی جانتے تھے۔ ایک کو خوش کیجیے تو بہت سوں کو ناراض کرنا پڑتا ہے۔ چنانچہ چونی لال کے جہاں احسان مند تھے وہاں دشمن بھی تھے اور اس تاک میں رہتے تھے کہ موقعہ ملے اور اس سے بدلہ لیں۔ فسادات شروع ہوئے تو چونی لال کی مصروفیات زیادہ ہو گئیں۔ مسلمان اور ہندوؤں دونوں کے لیے اس نے کام کیا۔ لیکن صرف ان ہی کے لیے جن کا سوسائٹی میں کوئی درجہ تھا۔ اس کے گھر کی رونق بھی بڑھ گئی۔ قریب قریب ہر روز کوئی نہ کوئی سلسلہ رہتا۔ اسٹورروم جو سیڑھیوں کے نیچے تھا۔ شراب اور بیئر کی خالی بوتلوں سے بھرگیا تھا۔ ہربنس کا الھڑ پن اب بہت حد تک دور ہوچکا تھا۔ اب اسے چونی لال کی مدد کی ضرورت نہیں تھی۔ بڑے آدمی کا لڑکا تھا۔ فسادات نے دستر خوان بچھا کر نت نئی چیزیں اس کے لیے چن دی تھیں۔ چنانچہ قریب قریب ہر روز وہ چونی لال کے مکان میں موجود ہوتا۔ رات کے بارہ بجے ہوں گے۔ چونی لال اپنے کمرے میں ریل گاڑی کی سیٹ سے بنائے ہوئے دیوان پر بیٹھا اپنے پستول پر انگلی گھما رہا تھا کہ دروازے پر زور کی دستک ہوئی۔ چونی لال چونک پڑا اور سوچنے لگا۔ بلوائی؟۔ نہیں!۔ راما؟۔ نہیں! وہ تو کئی دنوں سے کرفیو کے باعث نہیں آرہا تھا۔ دروازے پر پھر دستک ہوئی اور ہربنس کی سہمی ہوئی ڈری ہوئی آواز آئی۔ چونی لال نے دروازہ کھولا۔ ہربنس کارنگ ہلدی کے گابھے کی طرح زرد تھا۔ ہونٹ تک پیلے تھے چونی لال نے پوچھا۔

’’کیاہوا؟‘‘

’’وہ۔ وہ۔ ‘‘

آواز ہربنس کے سوکھے ہوئے گلے میں اٹک گئی۔ چونی لال نے اس کو دلاسا دیا۔

’’گھبرائیے نہیں۔ بتائیے کیا ہوا ہے۔ ‘‘

ہربنس نے اپنے خشک ہونٹوں پر زبان پھیری۔

’’وہ۔ وہ۔ لہو۔ بند ہی نہیں ہوتا لہو۔ ‘‘

چونی لال سمجھا تھا کہ شاید لڑکی مر گئی ہے۔ چنانچہ یہ سن کر اسے ناامیدی سی ہوئی۔ کیونکہ وہ لاش کو ٹھکانے لگانے کی پوری اسکیم اپنے ہوشیار دماغ میں تیار کر چکا تھا۔ ایسے موقعوں پر جب اس کے گھر میں اس کے مہمان کسی مشکل میں گرفتار ہو جائیں چونی لال کا دماغ غیر معمولی طورپر مستعد ہو جاتا تھا۔ مسکرا کر اس نے ہربنس کی طرف دیکھا جو کہ لرز رہا تھا

’’میں سب ٹھیک کیے دیتا ہوں۔ آپ گھبرائیے نہیں۔ ‘‘

یہ کہہ اس نے اس کمرے کا رخ کیا۔ جس میں ہربنس تقریباً سات بجے سے ایک لڑکی کے ساتھ جانے کیا کرتا رہا تھا۔ چونی لال نے ایک دم بہت سی باتیں سوچیں۔ ڈاکٹر۔ نہیں۔ بات باہر نکل جائے گی۔ ایک بہت بڑے آدمی کی عزت کا سوال ہے اور یہ سوچتے ہوئے اسے عجیب و غریب قسم کی مسرت محسوس ہوتی کہ وہ ایک بہت بڑے آدمی کے ننگ و ناموس کا محافظ ہے۔ راما؟۔ کرفیو کے باعث وہ کئی دنوں سے نہیں آرہا تھا۔ برف؟۔ ہاں برف ٹھیک ہے۔ ریفرجریٹر موجود تھا۔ لیکن سب سے بڑی پریشانی چونی لال کو یہ تھی کہ وہ لڑکیوں اور عورتوں کے ایسے معاملوں سے بالکل بے خبر تھا۔ لیکن اس نے سوچا کچھ بھی ہو۔ کوئی نہ کوئی اوپائے نکالنا ہی پڑے گا۔ چونی لال نے کمرے کا دروازہ کھولا اور اندر داخل ہوا۔ ساگوان کے اسپرنگوں والے پلنگ پر ایک لڑکی لیٹی تھی اور سفید چادر خون میں لتھڑی ہوئی تھی۔ چونی لال کو بہت گھن آئی۔ لیکن وہ آگے بڑھا۔ لڑکی نے کروٹ بدلی اور ایک چیخ اس کے منہ سے نکلی۔

’’بھیا!‘‘

چونی لال نے بھینچی ہوئی آواز میں کہا۔

’’روپا!‘‘

اور اس کے دماغ میں اوپر تلے سینکڑوں باتوں کا انبار سا لگ گیا۔ ان میں سب سے ضروری بات یہ تھی کہ ہربنس کو پتا نہ چلے کہ روپا اس کی بہن ہے چنانچہ اس نے منہ پر انگلی رکھ کر روپا کو خاموش رہنے کا اشارہ کیا اور باہر نکل کر معاملے پر غور کرنے کیلیے دروازہ کی طرف بڑھا۔ دہلیز میں ہربنس کھڑا تھا۔ اس کا رنگ اب پہلے سے بھی زرد تھا۔ ہونٹ بالکل بے جان ہو گئے تھے۔ آنکھوں میں وحشت تھی۔ چونی لال کو دو بدو دیکھ کر وہ پیچھے ہٹ گیا۔ چونی لال نے دروازہ بھیڑ دیا۔ ہربنس کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔ چونی لال خاموش تھا۔ اس کے چہرے کا کوئی خط بگڑا ہوا نہیں تھا۔ اصل میں وہ سارے معاملے پرغور کررہا تھا۔ اس قدر لعمق سے غور کررہا تھا کہ وہ ہربنس کی موجودگی سے بھی غافل تھا۔ مگر ہربنس کو چونی لال کی غیر معمولی خاموشی میں اپنی موت دکھائی دے رہی تھی۔ چونی لال اپنے کمرے کی طرف بڑھا تو ہربنس زور سے چیخا اور دوڑ کر اس میں داخل ہوا۔ بہت ہی زور سے کانپتے ہوئے ہاتھوں سے ریل گاڑی کی سیٹ والے دیوان پر سے پستول اٹھایا اور باہر نکل کر چونی لال کی طرف تان دیا۔ چونی لال پھر بھی کچھ نہ بولا وہ ابھی تک معاملہ سلجھانے میں مستغرق تھا۔ سوال ایک بہت بڑے آدمی کی عزت کا تھا۔ پستول ہربنس کے ہاتھ میں کپکپانے لگا۔ وہ چاہتا تھا کہ جلد فیصلہ ہو جائے۔ لیکن وہ اپنی پوزیشن صاف کرنا چاہتا تھا۔ دونوں چونی لال اور ہربنس کچھ دیر خاموش رہے۔ لیکن ہربنس زیادہ دیر تک چپ نہ رہ سکا۔ اس کے دل و دماغ میں بڑی ہلچل مچی ہوئی تھی۔ چنانچہ ایک دم اس نے بولنا شروع کیا۔

’’میں۔ میں۔ مجھے کچھ معلوم نہیں۔ مجھے بالکل معلوم نہیں تھا کہ یہ۔ کہ یہ تمہاری بہن ہے۔ یہ ساری شرارت اس مسلمان کی ہے۔ اس مسلمان سب انسپکٹر کی۔ کیا نام ہے اس کا۔ کیا نام ہے اس کا۔ محمد طفیل۔ ہاں ہاں محمد طفیل۔ نہیں نہیں۔ بشیر احمد۔ نہیں نہیں محمد طفیل۔ وہ طفیل جس کی ترقی تم نے رکوائی تھی۔ اس نے مجھے یہ لڑکی لا کر دی اور کہا مسلمان ہے۔ مجھے معلوم ہوتا تمہاری بہن ہے تو کیا میں اسے یہاں لے کر آتا۔ تم۔ تم۔ تم بولتے کیوں نہیں۔ تم بولتے کیوں نہیں۔ ‘‘

اور اس نے چلانا شروع کردیا۔

’’تم بولتے کیوں نہیں۔ تم مجھ سے بدلہ لینا چاہتے ہو۔ تم مجھ سے بدلہ لینا چاہتے ہو۔ لیکن میں کہتا ہوں مجھے کچھ معلوم نہیں تھا۔ مجھے کچھ معلوم نہیں تھا۔ مجھے کچھ معلوم نہیں تھا۔ ‘‘

چونی لال نے ہولے سے کہا۔

’’گھبرائیے نہیں۔ آپ کے پتا جی کی عزت کا سوال ہے۔ ‘‘

لیکن ہربنس چیخ چلا رہا تھا۔ اس نے کچھ نہ سنا اور کانپتے ہوئے ہاتھوں سے پستول داغ دیا۔ تیسرے روز کرفیو ہٹنے پر چونی لال کے دو نوکروں نے موڈرن نیوز ایجنسی کا اسٹال کھولا۔ تازہ اخبار اپنی اپنی جگہ پر رکھے۔ چونی لال کے لیے اخباروں اور رسالوں کا ایک بنڈل باندھ کر الگ رکھ دیا مگر وہ نہ آیا۔ کئی راہ چلتے آدمیوں نے تازہ اخباروں کی سرخیوں پر نظر ڈالتے ہوئے معلوم کیا کہ موڈرن نیوز ایجنسی کے مالک چونی لال نے اپنی سگی بہن کے ساتھ منہ کالا کیا اور بعد میں گولی مارکر خود کشی کرلی۔

سعادت حسن منٹو

صاحب کرامت

چوہدری موجو بوڑھے برگد کی گھنی چھاؤں کے نیچے کھری چارپائی پر بڑے اطمینان سے بیٹھا اپنا چموڑا پی رہا تھا۔ دھوئیں کے ہلکے ہلکے بقے اس کے منہ سے نکلتے تھے اور دوپہر کی ٹھہری ہوئی ہوا میں ہولے ہولے گم ہو جاتے تھے۔ وہ صبح سے اپنے چھوٹے سے کھیت میں ہل چلاتا رہا تھا اور اب تھک گیا تھا۔ دھوپ اس قدر تیز تھی کہ چیل بھی اپنا انڈا چھوڑ دے مگر اب وہ اطمینان سے بیٹھا اپنے چموڑے کا مزہ لے رہا تھا جو چٹکیوں میں اس کی تھکن دور کردیتا تھا۔ اس کا پسینہ خشک ہو گیا تھا۔ اس لیے ٹھہری ہوا اسے کوئی ٹھنڈک نہیں پہنچا رہی تھی مگر چموڑے کا ٹھنڈا ٹھنڈا لذیذ دھواں اس کے دل و دماغ میں ناقابل بیان سرور کی لہریں پیدا کررہا تھا۔ اب وقت ہو چکا تھا کہ گھر سے اس کی اکلوتی لڑکی جیناں روٹی لسی لے کر آجائے۔ وہ ٹھیک وقت پر پہنچ جاتی تھی۔ حالانکہ گھر میں اس کا ہاتھ بٹانے والا اور کوئی بھی نہیں تھا۔ اس کی ماں تھی جس کو دو سال ہوئے موجو نے ایک طویل جھگڑے کے بعد انتہائی غصے میں طلاق دے دی تھی۔ اس کی جوان اکلوتی بیٹی جیناں بڑی فرماں بردار لڑکی تھی۔ وہ اپنے باپ کا بہت خیال رکھتی تھی۔ گھر کا کاج جو اتنا زیادہ نہیں تھا۔ بڑی مستعدی سے کرتی تھی کہ جو خالی وقت ملے اس میں چرخہ چلائے اور پونیاں کاتے۔ یا اپنی سہیلیوں کے ساتھ جو گنتی کی تھیں ادھر ادھر کی خوش گپیوں میں گزاردے۔ چوہدری موجو کی زمین واجبی تھی مگر اس کے گزارے کے لیے کافی تھی۔ گاؤں بہت چھوٹا تھا۔ ایک دور افتادہ جگہ پر جہاں سے ریل کا گزر نہیں تھا۔ ایک کچی سڑک تھی جو اسے دورایک بڑے گاؤں کے ساتھ ملاتی تھی۔ چوہدری موجو ہر مہینے دو مرتبہ اپنی گھوڑی پر سوار ہو کر اس گاؤں میں جاتا تھا۔ جس میں دو تین دکانیں تھیں اور ضرورت کی چیزیں لے آتا تھا۔ پہلے وہ بہت خوش تھا۔ اس کو کوئی غم نہیں تھا۔ دو تین برس اس کو اس خیال نے البتہ ضرور ستایا تھا کہ اس کے کوئی نرینہ اولاد نہیں ہوتی، مگر پھر وہ یہ سوچ کر شاکر ہو گیا کہ جو اللہ کو منظو ہوتا ہے وہی ہوتا ہے۔ مگر اب جس دن سے اس نے اپنی بیوی کو طلاق دے کر میکے رخصت کردیا تھا۔ اس کی زندگی سوکھا ہوا نیچہ سی بن کے رہ گئی تھی۔ ساری طراوت جیسے اس کی بیوی اپنے ساتھ لے گئی تھی۔ چوہدری موجو مذہبی آدمی تھا۔ حالانکہ اسے اپنے مذہب کے متعلق صرف دو تین چیزوں ہی کا پتہ تھا کہ خدا ایک ہے جس کی پرستش لازمی ہے۔ محمدؐ اس کے رسول ہیں۔ جن کے احکام ماننا فرض ہے اور قرآن پاک خدا کا کلام ہے جو محمدؐ پر نازل ہوا اور بس۔ نماز روزے سے وہ بے نیاز تھا۔ گاؤں بہت چھوٹا تھا جس میں کوئی مسجد نہیں تھی۔ دس پندرہ گھر تھے۔ وہ بھی ایک دوسرے سے دور دور۔ لوگ اللہ اللہ کرتے تھے۔ ان کے دل میں اس ذات پاک کا خوف تھا مگر اس سے زیادہ اور کچھ نہیں تھا۔ قریب قریب ہر گھر میں قرآن موجود تھا۔ مگر پڑھنا کوئی بھی نہیں جانتا تھا۔ سب نے اسے احتراماً جزدان میں لپیٹ کر کسی اونچے طاق میں رکھ چھوڑا تھا۔ اس کی ضرورت صرف اسی وقت پیش آتی تھی۔ جب کسی سے کوئی سچی بات کہلوانی ہوتی تھی یا کسی کام کے لیے حلف اٹھانا ہوتا تھا۔ گاؤں میں مولوی کی شکل اسی وقت دکھائی دیتی تھی۔ جب کسی لڑکے یا لڑکی شادی ہوتی تھی۔ مرگ پر جنازہ وغیرہ وہ خود ہی پڑھ لیتے تھے۔ اپنی زبان میں۔ چوہدری موجو ایسے موقعوں پر زیادہ کام آتا تھا۔ اس کی زبان میں اثر تھا۔ جس انداز سے وہ مرحوم کی خوبیاں بیان کرتا تھا اور اس کی مغفرت کے لیے دعا کرتا تھا۔ وہ کچھ اسی کا حصہ تھا۔ پچھلے برس جب اس کے دوست دینو کا جوان لڑکا مر گیا تو اس کو قبر میں اتار کر اس نے بڑے موثر انداز میں یہ کہا تھا۔ ہائے، کیا شیں جوان لڑکا تھا۔ تھوک پھینکتا تھاتو بیس گز دور جاکے گرتی تھی۔ اس کی پیشاب کی دھار کا تو آس پاس کے کسی گاؤں کھیڑے میں بھی مقابلہ کرنے والا موجود نہیں تھا اور بینی پکڑنے میں تو جواب نہیں تھا اس کا۔ ہے گھسنی کا نعرہ مارنا اور دو انگلیوں سے یوں بینی کھولتا جیسے کرتے کا بٹن کھولتے ہیں۔ دینو یار، تجھ پر آج قیامت کا دن ہے۔ تو کبھی یہ صدمہ نہیں برداشت کرے گا۔ یارو اسے مر جانا چاہیے تھا۔ ایسا شیں جوان لڑکا۔ ایسا خوبصورت گبرو جوان۔ نیتی سنیاری جیسی سندر اور ہٹیلی ناری اس کو قابو کرنے کے لیے تعویذ دھاگے کراتی رہی۔ مگر بھئی مرحبا ہے دینو، تیرا لڑکا لنگوٹ کا پکا رہا۔ خدا کرے اس کو جنت میں سب سے خوبصورت حور ملے اور وہاں بھی لنگوٹ کا پکا رہے۔ اللہ میاں خوش ہو کر اس پر اپنی اور رحمتیں نازل کرے گا۔ آمین۔ ‘‘

یہ چھوٹی سی تقریر سن کر دس بیس آدمی جن میں دینو بھی شامل تھا۔ ڈھاریں مار مار کر رو پڑتے تھے۔ خود چوہدری موجو کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔ مرجو نے جب اپنی بیوی کو طلاق دینا چاہی تھی تو اس نے مولوی بلانے کی ضرورت نہیں سمجھی تھی۔ اس نے بڑے بوڑھوں سے سن رکھا تھا کہ تین مرتبہ طلاق، طلاق، طلاق کہہ دو تو قصہ ختم ہو جاتا ہے۔ چنانچہ اس نے یہ قصہ اس طرخ ختم کیا تھا۔ مگر دوسرے ہی دن اس کو بہت افسوس ہوا تھا۔ بڑی ندامت ہوئی تھی کہ اس نے یہ کیا غلطی کی۔ میاں بیوی میں جھگڑے ہوتے ہی رہتے ہیں۔ مگر طلاق تک نوبت نہیں آتی۔ اس کو درگزر کرنا چاہیے تھا۔ پھاتاں اس کو پسند تھی۔ گو وہ اب جوان نہیں تھی، لیکن پھر بھی اس کو اس کا جسم پسند تھا۔ اس کی باتیں پسند تھیں۔ اور پھر وہ اس کی جیناں کی ماں تھی۔ مگر اب تیر کمان سے نکل چکا تھا جو واپس نہیں آسکتا تھا۔ چوہدری موجو جب بھی اس کے متعلق سوچتا تو اس کے چہیتے چموڑے کا دھواں اس کے حلق میں تلخ گھونٹ بن بن کے جانے لگتا۔ جیناں خوبصورت تھی۔ اپنی ماں کی طرح ان دو برسوں میں اس نے ایک دم بڑھنا شروع کردیا تھا اور دیکھتے دیکھتے جوان مٹیار بن گئی تھی جس کے انگ انگ سے جوانی پھوٹ پھوٹ کے نکل رہی تھی۔ چوہدری موجو کو اب اس کے ہاتھ پیلے کرنے کی فکر بھی تھی۔ یہاں پھر اس کی پھاتاں یاد آتی۔ یہ کام وہ کتنی آسان سے کرسکتی تھی۔ کھری کھاٹ پر چوہدری موجو نے اپنی نشست اور اپنا تہمد درست کرتے ہوئے چموڑے سے غیر معمولی لمبا کش لیا اور کھانسنے لگا۔ کھانسنے کے دوران میں کسی کی آواز آئی۔

’’السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ۔ ‘‘

چوہدری موجو نے پلٹ کر دیکھا تو اسے سفید کپڑوں میں ایک دراز ریش بزرگ نظر آئے۔ اس نے سلام کا جواب دیا اور سوچنے لگا کہ یہ شخص کہاں سے آگیا ہے۔ دراز ایش بزرگ کی آنکھیں بڑی بڑی اور با رعب تھیں جن میں سرمہ لگا ہوا تھا۔ لمبے لمبے پٹے تھے۔ ان اور داڑھی کے بال کھچڑی تھے۔ سفید زیادہ اور سیاہ کم۔ سر پر سفید عمامہ تھا۔ کاندھے پر ریشم کا کاڑھا ہوا بسنتی رومال۔ ہاتھ میں چاندی کی موٹھ والا موٹا عصا تھا۔ پاؤں میں لال کھال کا نرم ونازک جوتا۔ چوہدری موجو نے جب اس بزرگ کا سراپا غور سے دیکھا۔ تو اس کے دل میں فوراً ہی اس کا احترام پیدا ہو گیا۔ چارپائی پر سے جلدی جلدی اٹھ کر وہ اس سے مخاطب ہوا۔

’’آپ کہاں سے آئے؟ کب آئے؟‘‘

بزرگ کی کتری ہوئی شرعی لبوں میں مسکراہٹ پیدا ہوئی۔

’’فقیر کہاں سے آئیں گے۔ ان کا کوئی گھر نہیں ہوتا۔ ان کے آنے کا کوئی وقت مقرر نہیں۔ ان کے جانے کا کوئی وقت مقرر نہیں۔ اللہ تبارک تعالیٰ نے جدھر حکم دیا چل پڑے۔ جہاں ٹھہرنے کا حکم ہوا وہیں ٹھہر گئے۔ ‘‘

چوہدری موجو پر ان الفاظ کا بہت اثر ہوا۔ اس نے آگے بڑھ کر بزرگ کا ہاتھ بڑے احترام سے اپنے ہاتھوں میں لیا۔ چوما، آنکھوں سے لگایا۔

’’چوہدری موجو کا گھر آپ کا اپنا گھر ہے۔ ‘‘

بزرگ مسکرایا ہوا کھاٹ پر بیٹھ گیا اور اپنے چاندی کی موٹھ والے اعصا کو دونوں ہاتھوں میں تھام کر اس پر اپنا سر جھکا دیا

’’اللہ جل شانہ، کو جانے تیری کون سی ادا پسند آگئی کہ اپنے اس حقیر اور عاصی بندے کو تیرے پاس بھیج دیا۔ ‘‘

چوہدری موجو نے خوش ہو کر پوچھا۔

’’تو مولوی صاحب آپ اس کے حکم سے آئے ہیں؟‘‘

مولوی صاحب نے اپنا جھکا ہوا سر اٹھایا اور کسی قدر خشم آلود لہجے میں کہا۔

’’تو کیا ہم تیرے حکم سے آئے ہیں۔ ہم تیرے بندے ہیں یا اس کے جس کی عبادت میں ہم نے پورے چالیس برس گزار کر یہ تھوڑا بہت رتبہ حاصل کیا ہے۔ ‘‘

چوہدری موجو کانپ گیا۔ اپنے مخصوص گنوار لیکن پر خلوص انداز میں اس نے مولوی صاحب سے اپنی تقصیر معاف کرائی اور کہا۔

’’مولوی صاحب، ہم جیسے انسانوں سے جن کو نماز پڑھنی بھی نہیں آتی ایسی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ ہم گنہگار ہیں۔ ہمیں بخشوانا اور بخشنا آپ کا کام ہے۔ ‘‘

مولوی صاحب نے اپنی بڑی بڑی سرمہ لگی آنکھیں بند کیں اور کہا۔

’’ہم اسی لیے آئے ہیں۔ ‘‘

چوہدری موجو زمین پر بیٹھ گیا اور مولوی صاحب کے پاؤں دبانے لگا۔ اتنے میں اس کی لڑکی جیناں آگئی۔ اس نے مولوی صاحب کو دیکھا تو گھونگھٹ چھوڑ لیا۔ مولوی صاحب نے مندی آنکھوں سے پوچھا۔

’’کون ہے چوہدری موجو؟‘‘

’’میری بیٹی مولوی صاحب۔ جیناںٖ!‘‘

مولوی صاحب نے نیم وا آنکھوں سے جیناں کو دیکھا اور موجو سے کہا۔

’’ہم فقیروں سے کیا پردہ ہے۔ اس سے پوچھو۔ ‘‘

’’کوئی پردہ نہیں مولوی صاحب۔ پردہ کیسا ہو گا۔ ‘‘

پھرموجو جیناں سے مخاطب ہوا۔ ‘

’’یہ مولوی صاحب جیناں۔ اللہ کے خاص بندے۔ ان سے پردہ کیسا۔ اٹھا لے اپنا گھونگھٹ!‘‘

جیناں نے اپنا گھونگھٹ اٹھا لیا۔ مولوی صاحب نے اپنی سرمہ لگی نظریں بھر کے اس کی طرف دیکھا اور موجو سے کہا۔

’’تیری بیٹی خوبصورت ہے چوہدری موجو!‘‘

جیناں شرما گئی۔ موجو نے کہا۔

’’اپنی ماں پر ہے مولوی صاحب!‘‘

’’کہاں ہے اس کی ماں‘‘

مولوی صاحب نے ایک بار پھر جیناں کی جوانی کی طرف دیکھا۔ چوہدری موجو سٹپٹاگیا کہ جواب کیا دے۔ مولوی صاحب نے پھر پوچھا۔

’’اس کی ماں کہاں ہے چوہدری موجو۔ ‘‘

موجو نے جلدی سے کہا۔

’’مر چکی ہے جی!‘‘

مولوی صاحب کی نظریں جیناں پر گڑی تھیں۔ اس کا ردعمل بھانپ کر انھوں نے موجو سے کڑک کر کہا۔

’’تو جھوٹ بولتا ہے۔ ‘‘

موجو نے مولوی صاحب کے پاؤں پکڑ لیے اور ندامت بھری آواز میں کہا۔

’’جی ہاں۔ جی ہاں۔ میں نے جھوٹ بولا تھا۔ مجھے معاف کردیجیے۔ میں بڑا جھوٹا آدمی ہوں۔ میں نے اس کو طلاق دے دی تھی مولوی صاحب۔ ‘‘

مولوی صاحب نے ایک لمبی’ہوں‘ کی اور نظریں جیناں کی چدریا سے ہٹالیں اور موجو سے مخاطب ہوئے۔

’’تو بہت بڑا گناہگار ہے۔ کیا قصور تھا اس بے زبان کا؟‘‘

موجو ندامت میں غرق تھا۔

’’کچھ نہیں معلوم مولوی صاحب۔ معمولی سی بات تھی جو بڑھتے بڑھتے طلا ق تک پہنچ گئی۔ میں واقعی گنہگار ہوں۔ طلاق دینے کے دوسرے دن ہی میں نے سوچا تھا کہ موجو تو نے یہ کیا جھک ماری۔ پر اس وقت کیا ہو سکتا تھا۔ چڑیاں کھیت چگ چکی تھیں۔ پچھتاوے سے کیا ہوسکتا تھا مولوی صاحب۔ ‘‘

مولوی صاحب نے چاندی کی موٹھ والا عصا موجو کے کاندھے پر رکھ دیا۔

’’اللہ تبارک تعالیٰ کی ذات بہت بڑی ہے۔ وہ بڑا رحیم ہے، بڑا کریم ہے۔ وہ چاہے تو ہر بگڑی بنا سکتا ہے۔ اس کا حکم ہوا تویہ حقیر فقیر، ہی تیری نجات کے لیے کوئی راستہ ڈھونڈ نکالے گا۔ ‘‘

ممنون و تشکر چوہدری موجو مولوی صاحب کی ٹانگوں کے ساتھ لپٹ گیا اور رونے لگا۔ مولوی صاحب نے جیناں کی طرف دیکھا۔ اس کی آنکھوں سے بھی اشک رواں تھے۔

’’ادھر آلڑکی۔ ‘‘

مولوی صاحب کے لہجے میں ایسا تحکم تھا۔ جس کو رد کرنا جیناں کے لیے ناممکن تھا۔ روٹی اور لسی ایک طرف رکھ کر وہ کھاٹ کے پاس چلی گئی۔ مولوی صاحب نے اس کو بازو سے پکڑا اور کہا۔

’’بیٹھ جا۔ ‘‘

جیناں زمین پر بیٹھنے لگی تو مولوی صاحب نے اس کا بازو اوپر کھینچا۔

’’ادھر میرے پاس بیٹھ۔ ‘‘

جیناں سمٹ کر مولوی صاحب کے پاس بیٹھ گئی۔ مولوی صاحب نے اس کی کمر میں ہاتھ دے کر اس کو اپنے قریب کرلیا اور ذرا دبا کر پوچھا۔

’’کیا لائی ہے تو ہمارے کھانے کے لیے۔ ‘‘

جیناں نے ایک طرف ہٹنا چاہا مگر گرفت مضبوط تھی۔ اس کو جواب دینا پڑا۔

’’جی۔ جی روٹیاں ہیں۔ ساگ ہے اور لسی۔ ‘‘

مولوی صاحب نے جیناں کی پتلی مضبوط کمر اپنے ہاتھ سے ایک بار پھر دبائی

’’چل کھول کھانا اور ہمیں کھلا۔ ‘‘

جیناں اٹھ کر چلی گئی تو مولوی صاحب نے موجو کے کندھے سے اپنا چاندی کی موٹھ والا عصا ننھی سی ضرب کے بعد اٹھا لیا۔

’’اٹھ موجو۔ ہمارے ہاتھ دھلا۔ ‘‘

موجو فوراً اٹھا۔ پاس ہی کنواں تھا۔ پانی لایا اور مولوی صاحب کے ہاتھ بڑے مریدانہ طور پر دھلائے جیناں نے چارپائی پر کھانا رکھ دیا۔ مولوی صاحب سب کا سب کھا گئے اور جیناں کو حکم دیا کہ وہ ان کے ہاتھ دھلائے۔ جیناں عدول حکمی نہیں کرسکتی تھی۔ کیونکہ مولوی صاحب کی شکل و صورت اور ان کی گفتگو کا اندازہی کچھ ایسا تحکم بھرا تھا۔ مولوی صاحب نے ڈکار لے کر بڑے زور سے الحمدللہ کہا۔ داڑھی پر گیلا گیلا ہاتھ پھیرا۔ ایک اور ڈکار لی اور چارپائی پر لیٹ گئے اور ایک آنکھ بند کرکے دوسری آنکھ سے جیناں کی ڈھلکی ہوئی چدریا کی طرف دیکھتے رہے۔ اس نے جلدی جلدی برتن سمیٹے اور چلی گئی۔ مولوی صاحب نے آنکھ بند کی اور موجو سے کہا۔

’’چوہدری اب ہم سوئیں گے۔ ‘‘

چوہدری کچھ دیر ان کے پاؤں دابتا رہا۔ جب اس نے دیکھا کہ وہ سو گئے ہیں۔ تو ایک طرف جا کر اس نے اپلے سلگائے اور چلم میں تمباکو بھر کے بھوکے پیٹ چموڑا پینا شروع کردیا۔ مگر وہ خوش تھا۔ اس کو ایسا لگتا تھا کہ اس کی زندگی کا کوئی بہت بڑا بوجھ دورہو گیا ہے۔ اس نے دل ہی دل میں اپنے مخصوص گنوار مگر مخلص انداز میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جس نے اپنی جناب سے مولوی صاحب کی شکل میں فرشتہ رحمت بھیج دیا۔ پہلے اس نے سوچا کہ مولوی صاحب کے پاس ہی بیٹھا رہے کہ شاید ان کو کسی خدمت کی ضرورت ہو، مگر جب دیر ہو گئی اور وہ سوتے رہے، تو وہ اٹھ کر اپنے کھیت میں چلا گیا اور اپنے کام میں مشغول ہو گیا۔ اس کو اس بات کا قطعاً خیال نہیں تھاکہ وہ بھوکا ہے۔ اس کو بلکہ اس بات کی بے حد مسرت تھی کہ اس کا کھانا مولوی صاحب نے کھایا اور اس کو اتنی بڑی سعادت ہوئی۔ شام سے پہلے پہلے جب وہ کھیت سے واپس آیا تو اس کو یہ دیکھ کر بڑا دکھ ہوا کہ مولوی صاحب موجود نہیں۔ اس نے خود کو بڑی لعنت ملامت کی کہ وہ کیوں چلا گیا۔ ان کے حضور بیٹھتا رہتا۔ شاید وہ ناراض ہو کر چلے گئے ہیں اور کوئی بددعا بھی دے گئی ہوں۔ جب چوہدری موجو نے یہ سوچا تو اس کی سادہ روح لرزگئی۔ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس نے ادھر ادھر مولوی صاحب کو تلاش کیا مگر وہ نہ ملے۔ گہری شام ہو گئی۔ پھر بھی ان کا کوئی سراغ نہ ملا۔ تھک ہار کر اپنے کو دل ہی دل میں کوستا اور لعنت ملامت کرتا۔ وہ گردن جھکائے گر کی طرف جارہا تھا کہ اسے دو جوان لڑکے گھبرائے ہوئے ملے۔ چوہدری موجو نے ان سے گھبراہٹ کی وجہ پوچھی تو انھوں نے پہلے تو ٹالنا چاہا، مگر پھر اصل بات بتادی کہ وہ گھرے میں دبا ہوا شراب کا گھڑا نکال کر پینے والے تھے کہ ایک نورانی صورت والے بزرگ ایک دم وہاں نمودار ہوئے اور بڑی غصب ناک نگاہوں سے ان کو دیکھ کر یہ پوچھا کہ وہ یہ کیا حرام کاری کررہے ہیں۔ جس چیز کو اللہ تبارک تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے وہ اسے پی کر اتنا بڑا گناہ کررہے ہیں جس کا کوئی کفارہ ہی نہیں ان لوگوں کو اتنی جرات نہ ہوئی کہ کچھ بولیں۔ بس سر پاؤں رکھ کے بھاگے اور یہاں آکے دم لیا۔ چوہدری موجو نے ان دونوں کو بتایا کہ وہ نورانی صورت والے واقعی اللہ کو پہنچے ہوئے بزرگ تھے۔ پھر اس نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اب جانے اس گاؤں پر کیا قہرنازل ہو گا۔ ایک اس نے ان کو چھوڑ چلے جانے کی بُری حرکت کی، ایک انھوں نے کہ حرام شے نکال کر پی رہے تھے۔

’’اب اللہ ہی بچائے۔ اب اللہ ہی بچائے میرے بچو۔ ‘‘

یہ بڑبڑاتا چوہدری موجو گھر کی جانب روانہ ہوا۔ جیناں موجود تھی، پر اس نے اس سے کوئی بات نہ کی اور خاموش کھاٹ پر بیٹھ کر حقہ پینے لگا۔ اس کے دل و دماغ میں ایک طوفان برپا تھا۔ اس کو یقین تھا کہ اس پر اور گاؤں پر ضرور کوئی خدائی آفت آئے گی۔ شام کا کھانا تیار تھا، جیناں نے مولوی صاحب کے لیے بھی پکا رکھا تھا۔ جب اس نے اپنے باپ سے پوچھا کہ مولوی صاحب کہاں ہیں تو اس نے بڑے دکھ بھرے لہجے میں کہا۔

’’گئے۔ چلے گئے۔ ان کا ہم گنہگاروں کے ہاں کیا کام!‘‘

جیناں کو افسوس ہوا کیونکہ مولوی صاحب نے کہا تھا کہ وہ کوئی ایسا راستہ ڈھونڈنکالیں گے جس سے اس کی ماں واپس آجائے گی۔ پر وہ جا چکے تھے۔ اب وہ راستہ ڈھونڈے والا کون تھا۔ جیناں خاموشی سے پیڑھی پر بیٹھ گئی۔ کھانا ٹھنڈا ہوتا رہا۔ تھوڑی دیر کے بعد ڈیوڑھی میں آہٹ ہوئی۔ باپ بیٹی دونوں چونکے۔ موجو اٹھ کے باہر گیا اور چند لمحات میں مولوی صاحب اور وہ دونوں اندر صحن میں تھے۔ دیے کی دھندلی روشنی میں جیناں نے دیکھا کہ مولوی صاحب لڑکھڑا رہے ہیں۔ ان کے ہاتھ میں ایک چھوٹا سا مٹکا ہے۔ موجو نے ان کو سہارے دے کر چارپائی پر بٹھایا۔ مولوی صاحب نے گھڑا موجو کو دیا اور لکنت بھرے لہجے میں کہا۔

’’آج خدا نے ہمارا بہت کڑا امتحان لیا۔ تمہارے گاؤں کے دو لڑکے شراب کا گھڑا نکال کر پینے والے تھے کہ ہم پہنچ گئے۔ وہ ہمیں دیکھتے ہی بھاگ گئے۔ ہم کو بہت صدمہ ہوا کہ اتنی چھوٹی عمر اور اتنا بڑا گناہ۔ لیکن ہم نے سوچا کہ اسی عمر میں تو انسان رستے سے بھٹکتا ہے۔ چنانچہ ہم نے ان کے لیے اللہ تبارک تعالیٰ کے حضور میں گڑگڑا کر دعا مانگی کہ ان کا گناہ معاف کیا جائے۔ جواب ملا۔ جانتے ہو کیا جواب ملا؟‘‘

موجو نے لرزتے ہوئے کہا۔

’’جی نہیں!‘‘

’’جواب ملا۔ کیا تو ان کا گناہ اپنے سر لیتا ہے۔ میں نے عرض کی۔ ہاں باری تعالیٰ۔ آواز آئی، تو جا یہ سارا گھڑا شراب کا تو پی۔ ہم نے ان لڑکوں کو بخشا!‘‘

موجو ایک ایسی دنیا میں چلا گیا جو اس کے اپنے تخیل کی پیداوار تھی۔ اس کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔

’’تو آپ نے پی۔ ‘‘

مولوی صاحب کا لہجہ اور زیادہ لکنت بھرا ہو گیا۔

’’ہاں پی۔ پی۔ ان کا گناہ اپنے سرلینے کے لیے پی۔ رب العزت کی آنکھوں میں سرخرو ہونے کے لیے پی۔ گھڑے میں اور بھی پڑی ہے۔ یہ بھی ہمیں پینی ہے۔ رکھ دے اسے سنبھال کے اور اور دیکھ اس کی ایک بوند ادھر ادھر نہ ہو۔ ‘‘

موجو نے گھڑا اٹھا کر اندرکوٹھڑی میں رکھ دیا اور اس کے منہ پر کپڑا باندھ دیا۔ واپس صحن میں آیا تو مولوی صاحب جیناں سے اپنا سر دبوا رہے تھے اور اس سے کہہ رہے تھے۔

’’جو آدمی دوسروں کے لیے کچھ کرتا ہے، اللہ جل شانہ، اس سے بہت خوش ہوتا ہے۔ وہ اس وقت تجھ سے بھی خوش ہے۔ ہم بھی تجھ سے خوش ہیں۔ ‘‘

اور اسی خوشی میں مولوی صاحب نے جیناں کو اپنے پاس بٹھا کر اس کی پیشانی چوم لی۔ اس نے اٹھنا چاہا۔ مگر ان کی گرفت مضبوط تھی۔ مولوی صاحب نے اس کو اپنے گلے سے لگا لیا اور موجو سے کہا۔

’’چوہدری تیری بیٹی کا نصیبا جاگ اٹھا ہے۔ ‘‘

چوہدری سر تا پا ممنون و متشکر تھا۔

’’یہ سب آپ کی دعا ہے۔ آپ کی مہربانی ہے۔ ‘‘

مولوی صاحب نے جیناں کو ایک مرتبہ پھر اپنے سینے کے ساتھ بھنچا۔

’’اللہ مہربان سو کل مہربان۔ جیناں ہم تجھے ایک وظیفہ بتائیں گے۔ وہ پڑھا کرنا۔ اللہ ہمیشہ مہربان رہے گا۔ ‘‘

دوسرے دن مولوی صاحب بہت دیر سے اٹھے۔ موجو ڈر کے مارے کھیتوں پر نہ گیا۔ صحن میں ان کی چارپائی کے پاس بیٹھا رہا۔ جب وہ اٹھے تو ان کو مسواک، نہلایا دھلایا۔ اور ان کے ارشاد کے مطابق شراب کا گھڑا لا کران کے پاس رکھ دیا۔ مولوی صاحب نے کچھ پڑھا۔ گھڑے کا منہ کھول کر اس میں تین بار پھونکا اور دو تین کٹورے چڑھا گئے۔ اوپر آسمان کی طرف دیکھا۔ کچھ پڑھا اور بلند آواز میں کہا

’’ہم تیرے ہر امتحان میں پورے اتریں گے مولا۔ ‘‘

پھر وہ چوہدری سے مخاطب ہوئے

’’موجو جا۔ حکم ملا ہے ابھی جا اور اپنی بیوی کو لے آ۔ راستہ مل گیا ہے ہمیں۔ ‘‘

موجو بہت خوش ہوا۔ جلدی جلدی اس نے گھوڑی پر زین کسی اور کہا کہ وہ دوسرے روز صبح سویرے پہنچ جائے گا۔ پھر اس نے جیناں سے کہا کہ وہ مولوی صاحب کی ہر آسائش کا خیال رکھے اور خدمت گزاری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ جیناں برتن مانجھنے میں مشغول ہو گئی۔ مولوی صاحب چارپائی پر بیٹھے اسے گھورتے اور شراب کے کٹورے پیتے رہے۔ اس کے بعد انھوں نے جیب سے موٹے موٹے دانوں والی تسبیح اٹھائی اور پھیرنا شروع کردی۔ جب جیناں کام سے فارغ ہو گئی تو انھوں نے اس سے کہا۔

’’جیناں دیکھو۔ وضو کرو۔ ‘‘

جیناں نے بڑے بھولپن سے جواب دیا۔

’’مجھے نہیں آتا مولوی جی۔ ‘‘

مولوی صاحب نے بڑے پیار سے اس کو سرزنش کی۔

’’وضو کرنا نہیں آتا۔ کیا جواب دے گی اللہ کو۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اٹھے اور اس کو و ضو کرایا اور ساتھ ساتھ اس انداز سے سمجھاتے رہے کہ وہ اس کے بدن کے ایک ایک کونے کھدرے کو جھانک جھانک کر دیکھ سکیں۔ وضو کرانے کے بعد مولوی صاحب نے جا نماز مانگی۔ وہ نہ ملی تو پھر ڈانٹا، مگر اسی انداز میں۔ کھیس منگوایا اس کو اندر کی کوٹھڑی میں بچھایا اور جیناں سے کہا کہ باہر کی کنڈی لگا دے۔ جب کنڈی لگ گئی تو اس سے کہا کہ گھڑا اور کٹورا اٹھا کے اندر لے آئے۔ وہ لے آئی۔ مولوی صاحب نے آدھا کٹورا پیا اور آدھا اپنے سامنے رکھ لیا اور تسبیح پھیرنا شروع کردی جیناں ان کے پاس خاموش بیٹھی رہی۔ بہت دیر تک مولوی صاحب آنکھیں بند کیے اسی طرح وظیفہ کرتے رہے، پھر انھوں نے آنکھیں کھولیں۔ کٹورا جو آدھا بھرا تھا، اس میں تین پھونکیں ماریں اور جیناں کی طرف بڑھا دیا۔

’’پی جاؤ اسے۔ ‘‘

جیناں نے کٹورا پکڑ لیا مگر اس کے ہاتھ کانپنے لگے۔ مولوی صاحب نے بڑے جلال بھرے انداز میں اس کی طرف دیکھا۔

’’ہم کہتے ہیں، پی جاؤ۔ تمہارے سارے دلدر دور ہو جائیں گے۔ ‘‘

جیناں پی گئی، مولوی صاحب اپنی پتلی لبوں میں مسکرائے اور اس سے کہا

’’ہم پھر اپنا وظیفہ شروع کرتے ہیں۔ جب شہادت کی انگلی سے اشارہ کریں تو آدھا کٹورہ گھڑے سے نکال کر فوراً پی جانا۔ سمجھ گئیں۔ ‘‘

مولوی صاحب نے اس کو جواب کا موقعہ ہی نہ دیا اور آنکھیں بند کرکے مراقبے میں چلے گئے۔ جیناں کے منہ کا ذائقہ بے حد خراب ہو گیا تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ سینے میں آگ سی لگ گئی ہے۔ وہ چاہتی تھی کہ اٹھ کر ٹھنڈا ٹھنڈا پانی پیے۔ پر وہ کیسے اٹھ سکتی تھی۔ جلن کو حلق اور سینے میں لیے دیر تک بیٹھی رہی۔ اس کے بعد ایک دم مولوی صاحب کی شہادت کی انگلی زور سے اٹھی۔ جیناں کو جیسے کسی نے ہپناٹزم کردیا تھا۔ فوراً اس نے آدھا کٹورا بھرا اور پی گئی۔ تھوکنا چاہا مگر اٹھ نہ سکی۔ مولوی صاحب اسی طرح آنکھیں بند کیے تسبیح کے دانے کھٹا کھٹ پھیرتے رہے۔ جیناں نے محسوس کیا کہ اس کا سر چکرا رہا ہے اور جیسے اس کو نیند آرہی ہے پھر اس نے نیم بے ہوشی کے عالم میں یوں محسوس کیا کہ وہ کسی بے داڑھی مونچھ والے جوان مرد کی گود میں ہے اور وہ اسے جنت دکھانے لے جارہا ہے۔ جیناں نے جب آنکھیں کھولیں تو وہ کھیس پر لیٹی تھی۔ اس نے نیم وا مخمور آنکھوں سے ادھر ادھر دیکھا۔ اور یہاں کیوں لیٹی تھی، کب لیٹی تھی کے متعلق سوچنا شروع کیا تو اسے سب کچھ دھند میں لپٹا نظر آیا۔ وہ پھر سونے لگی۔ لیکن ایک دم اٹھ بیٹھی۔ مولوی صاحب کہاں تھے؟۔ اور وہ جنت؟ کوئی بھی نہیں۔ وہ باہر صحن میں نکلی تو دیکھا کہ دن ڈھل رہا ہے اور مولوی صاحب کھرے کے پاس بیٹھے وضو کررہے ہیں۔ آہٹ سن کر انھوں نے پلٹ کر جیناں کی طرف دیکھا اور مسکرائے۔ جیناں واپس کوٹھڑی میں چلی گئی اور کھیس پر بیٹھ کر اپنی ماں کے متعلق سوچنے لگی۔ جس کو لانے اس کا باپ گیا ہوا تھا۔ پوری ایک رات باقی تھی۔ ان کی واپسی میں۔ اور سخت بھوک لگ رہی تھی۔ اس نے کچھ پکایا ریندھا نہیں تھا۔ اس کے چھوٹے سے مضطرب دماغ میں بے شمار باتیں آرہی تھیں۔ کچھ دیر کے بعد مولوی صاحب نمودار ہوئے اور یہ کہہ کرچلے گئے۔

’’مجھے تمہارے باپ کے لیے ایک وظیفہ کرنا ہے۔ ساری رات کسی قبر کے پاس بیٹھنا ہو گا۔ صبح آجاؤں گا۔ تمہارے لیے بھی دعا مانگوں گا۔ ‘‘

مولوی صاحب صبح سویرے نمودار ہوئے۔ ان کی بڑی بڑی آنکھیں جن میں سرمے کی تحریر غائب تھی بے حد سرخ تھیں۔ ان کے لہجے میں لکنت تھی اور قدموں میں لڑکھڑاہٹ۔ صحن میں آتے ہی انھوں نے مسکرا کر جیناں کی طرف دیکھا آگے بڑھ کر اس کو گلے سے لگایا۔ اس کو چوما اور چارپائی پر بیٹھ گئے۔ جیناں ایک طرف کونے میں پیڑھی پر بیٹھ گئی اور گزشتہ دھندلے واقعات کے متعلق سوچنے لگی۔ اس کو اپنے باپ کا بھی انتظار تھا۔ جس کو اس وقت تک پہنچ جانا چاہیے تھا۔ ماں سے بچھڑے ہوئے اس کو دو برس ہو چکے تھے۔ اور جنت۔ وہ جنت۔ کیسی تھی وہ جنت!!۔ کیا وہ مولوی صاحب تھے؟۔ مولوی صاحب تھوڑی دیر کے بعد اس سے مخاطب ہوئے۔

’’جیناں، ابھی تک موجو نہیں آیا۔ ‘‘

جیناں خاموش رہی۔ مولوی صاحب پھر اس سے مخاطب ہوئے۔

’’اور میں ساری رات ایک ٹوٹی پھوٹی قبر پر سرنیوڑھائے سنسنان رات میں اس کے لیے وظیفہ پڑھتا رہا۔ کب آئے گا وہ؟۔ کیا وہ لے آئے گا تمہاری ماں کو۔ ‘‘

جیناں نے صرف اس قدر کہا۔

’’جی معلوم نہیں۔ شاید آتے ہی ہوں۔ آجائیں گے۔ اماں بھی آجائے گی۔ پر ٹھیک پتا نہیں۔ ‘‘

اتنے میں آہٹ ہوئی۔ جیناں اٹھی۔ اس کی ماں نمودار ہوئی۔ وہ اسے دیکھتے ہی اس سے لپٹ گئی اور رونے لگی۔ موجو آیا تو اس نے مولوی صاحب کو بڑے ادب اور احترام کے ساتھ سلام کیا۔ پھر اس نے اپنی بیوی سے کہا۔

’’پھاتاں۔ سلام کرو مولوی صاحب کو۔ ‘‘

پھاتاں اپنی بیٹی سے الگ ہوئی۔ آنسو پونچھتے ہوئے آگے بڑھی اور مولوی صاحب کو سلام کیا۔ مولوی صاحب نے اپنی لال لال آنکھوں سے اس کو گھور کے دیکھا اورموجو سے کہا۔

’’ساری رات قبر کے پاس تمہارے لیے وظیفہ کرتا رہا۔ ابھی ابھی اٹھ کے آیا ہوں۔ اللہ نے میری سن لی ہے۔ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ‘‘

چوہدری موجو نے فرش پر بیٹھ کر مولوی صاحب کے پاؤں د ابنے شروع کردیے وہ اتنا ممنون و متشکر تھا کہ کچھ نہ کہہ سکا۔ البتہ بیوی سے مخاطب ہو کر اس نے آنسوؤں بھری آواز میں کہا۔

’’ادھر آ پھاتاں۔ تو ہی مولوی صاحب کا شکریہ ادا کر۔ مجھے تو نہیں آتا۔ ‘‘

پھاتاں اپنے خاوند کے پاس بیٹھ گئی۔ پر وہ صرف اتنا کہہ سکی۔

’’ہم غریب کیا ادا کرسکتے ہیں۔ ‘‘

مولوی صاحب نے غور سے پھاتاں کو دیکھا۔

’’موجو چوہدری، تم ٹھیک کہتے تھے۔ تمہاری بیوی خوبصورت ہے۔ اس عمر میں بھی جوان معلوم ہوتی ہے۔ بالکل دوسری جیناں۔ اس سے بھی اچھی۔ ہم سب ٹھیک کردیں گے پھاتاں۔ اللہ کا فضل و کرم ہو گیا ہے۔ ‘‘

میاں بیوی دونوں خاموش رہے۔ موجو مولوی صاحب کے پاؤں دباتا رہا۔ جیناں چولھا سلگانے میں مصروف ہو گئی تھی۔ تھوڑی دیر کے بعد مولوی صاحب اٹھے۔ پھاتاں کے سر پر ہاتھ سے پیار کیا اور موجو سے مخاطب ہوئے۔

’’اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ جب کوئی آدمی اپنی بیوی کو طلاق دے اور پھر اس کو اپنے گھر بسانا چاہے تو اس کی سزا یہ ہے کہ پہلے وہ عورت کسی اور مرد سے شادی کرے۔ اس سے طلاق لے، پھر جائز ہے۔ ‘‘

موجو نے ہولے سے کہا۔

’’میں سن چکا ہوں مولوی صاحب۔ ‘‘

مولوی صاحب نے موجو کو اٹھایا اور اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔

’’لیکن ہم نے خدا کے حضور گڑگڑا کر دعا مانگی کہ ایسی کڑی سزا نہ دی جائے غریب کو۔ اس سے بھول ہو گئی ہے۔ آواز آئی۔ ہم ہرروز سفارشیں کب تک سنیں گے تو اپنے لیے جو بھی مانگ ہم دینے کے لیے تیار ہیں۔ میں نے عرض کی، میرے شہنشاہ۔ بحروبر کے مالک۔ میں اپنے لیے کچھ نہیں مانگتا۔ تیرا دیا میرے پاس بہت کچھ ہے۔ موجو چوہدری کو اپنی بیوی سے محبت ہے۔ ارشاد ہوا۔ تو ہم اس کی محبت اور تیرے ایمان کا امتحان لینا چاہتے ہیں۔ ایک دن کے لیے تو اس سے نکاح کرلے۔ دوسرے دن طلاق دے کر موجو کے حوالے کردے۔ ہم تیرے لیے بس صرف یہی کرسکتے ہیں کہ تو نے چالیس برس دل سے ہماری عبادت کی ہے۔ ‘‘

موجو بہت خوش ہوا۔

’’مجھے منظور ہے مولوی صاحب۔ مجھے منظور ہے‘‘

اور پھاتاں کی طرف اس نے تمتمائی انکھوں سے دیکھا۔

’’کیوں پھاتاں؟‘‘

مگر اس نے پھاتاں کے جواب کا انتظار نہ کیا۔

’’ہم دونوں کو منظور ہے۔ ‘‘

مولوی صاحب نے آنکھیں بندکیں۔ کچھ پڑھا۔ دونوں کے پھونک ماری اور آسمان کی طرف نظریں اٹھائیں

’’اللہ تبارک تعالیٰ۔ ہم سب کو اس امتحان میں پورا اتارے۔ ‘‘

پھر وہ موجو سے مخاطب ہوا۔

’’اچھا موجو۔ میں اب چلتا ہوں۔ تم اور جیناں آج کی رات کہیں چلے جانا۔ صبح سویرے آجانا۔ ‘‘

یہ کہہ کر مولوی صاحب چلے گئے۔ جیناں اور موجو تیار تھے۔ جب شام کو مولوی صاحب واپس آئے تو انھوں نے ان سے بہت مختصر باتیں کیں۔ وہ کچھ پڑھ رہے تھے۔ آخر میں انھوں نے اشارہ کیا۔ جیناں اور موجو فوراً چلے گئے۔ مولوی صاحب نے کنڈی بند کردی اور پھاتاں سے کہا۔

’’تم آج کی رات میری بیوی ہو۔ جاؤ اندر سے بستر لاؤ اور چارپائی پر بچھاؤ۔ ہم سوئیں گے۔ ‘‘

پھاتاں نے اندر کوٹھڑی سے بستر لا کر چارپائی پر بڑے سلیقے سے لگا دیا۔ مولوی صاحب نے کہا۔

’’بی بی۔ تم بیٹھو۔ ہم ابھی آتے ہیں۔ ‘‘

یہ کہہ وہ کوٹھڑی میں چلے گئے۔ اندر دیا روشنی تھا۔ کونے میں برتنوں کے منارے کے پاس ان کا گھڑا رکھا تھا۔ انھوں نے اسے ہلا کر دیکھا۔ تھوڑی سی باقی تھی۔ گھڑے کے ساتھ ہی منہ لگا کر انھوں نے کئی بڑے بڑے گھونٹ پیے۔ کاندھے سے ریشمی پھولوں والا بسنتی رومال اتار کر مونچھیں اور ہونٹ صاف کیے اور دروازہ بھیڑ دیا۔ پھاتاں چارپائی پر بیٹھی تھی۔ کافی دیر کے بعد مولوی صاحب نکلے۔ ان کے ہاتھ میں کٹورا تھا۔ اس میں تین دفعہ پھونک کر انھوں نے پھاتاں کو پیش کیا۔

’’لو اسے پی جاؤ۔ ‘‘

پھاتاں پی گئی۔ قے آنے لگی تو مولوی صاحب نے اس کی پیٹھ تھپتھپائی اور کہا۔

’’ٹھیک ہو جاؤ گی فوراً۔ ‘‘

پھاتاں نے کوشش کی اور کسی قدر ٹھیک ہو گئی۔ مولوی صاحب لیٹ گئے۔ صبح سویرے جیناں اور موجو آئے تو انھوں نے دیکھا کہ صحن میں پھاتاں سورہی ہے مگر مولوی صاحب موجود نہیں۔ موجو نے سوچا۔ باہر گئے ہوں گے کھیتوں میں۔ اس نے پھاتاں کو جگایا۔ پھاتاں نے غوں غوں کرکے آہستہ آہستہ آنکھیں کھولیں۔ پھر بڑبڑائی۔

’’جنت۔ جنت۔ ‘‘

لیکن جب اس نے موجو کو دیکھا تو پوری آنکھیں کھول کر بستر میں بیٹھ گئی۔ موجو نے پوچھا۔

’’مولوی صاحب کہاں ہیں؟‘‘

پھاتاں ابھی تک پورے ہوش میں نہیں تھی۔

’’مولوی صاحب۔ کون مولوی صاحب۔ وہ تو۔ پتا نہیں کہاں گئے۔ یہاں نہیں ہیں؟‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

موجو نے کہا۔

’’میں دیکھتا ہوں انھیں باہر۔ ‘‘

وہ جارہا تھا کہ اسے پھاتاں کی ہلکی سی چیخ سنائی دی۔ پلٹ کر اس نے دیکھا تکیے کے نیچے سے وہ کوئی کالی کالی چیز نکال رہی تھی۔ جب پوری نکل آئی تو اس نے کہا۔

’’یہ کیا ہے؟‘‘

موجو نے کہا۔

’’بال۔ ‘‘

پھاتاں نے بالوں کا وہ گچھا فرش پر پھینک دیا۔ موجو نے اسے اٹھا لیا اور غورسے دیکھا۔

’’داڑھی اور پٹے۔ ‘‘

جیناں پاس ہی کھڑی تھی۔ وہ بولی

’’مولوی صاحب کی داڑھی اور پٹے‘‘

پھاتاں نے وہیں چارپائی سے کہا۔

’’ہاں۔ مولوی صاحب کی داڑھی اور پٹے۔ ‘‘

موجو عجیب چکر میں پڑ گیا۔

’’اور مولوی صاحب کہاں ہیں؟‘‘

لیکن فوراً ہی اس کے سادہ اور بے لوث دماغ میں ایک خیال آیا۔

’’جیناں۔ پھاتاں، تم نہیں سمجھیں۔ وہ کوئی کرامات والے بزرگ تھے۔ ہمارا کام کرگئے اور یہ نشانی چھوڑ گئے۔ ‘‘

اس نے ان بالوں کو چوما۔ آنکھوں سے لگایا اور ان کوجیناں کے حوالے کرکے کہا۔

’’جاؤ، ان کو کسی صاف کپڑے میں لپیٹ کر بڑے صندوق میں رکھ دو۔ خدا کے حکم سے گھر میں برکت ہی برکت رہے گی۔ ‘‘

جیناں اندر کوٹھڑی میں گئی تو وہ پھاتاں کے پاس بیٹھ گیا اور بڑے پیار سے کہنے لگا۔

’’میں اب نماز پڑھنا سیکھوں گا اور اس بزرگ کے لیے دعا کیا کروں گا جس نے ہم دونوں کو پھر سے ملا دیا۔ ‘‘

پھاتاں خاموش رہی۔

سعادت حسن منٹو

شیرو

چیڑ اور دیو دار کے ناہموار تختوں کا بنا ہوا ایک چھوٹا سا مکان تھا جسے چوبی جھونپڑا کہنا بجا ہے۔ دو منزلیں تھیں۔ نیچے بھٹیار خانہ تھا جہاں کھانا پکایا اور کھایا جاتا تھا۔ اوربالائی منزل مسافروں کی رہائش کے لیے مخصوص تھی۔ یہ منزل دو کمروں پر مشتمل تھی۔ ان میں سے ایک کافی کشادہ تھا۔ جس کا دروازہ سڑک کی دوسری طرف کھلتا تھا۔ دوسرا کمرہ جو طول و عرض میں اس سے نصف تھا بھٹیار خانے کے عین اوپر واقع تھا۔ یہ میں نے کچھ عرصے کے لیے کرایہ پر لے رکھا تھا۔ چونکہ ساتھ والے حلوائی کے مکان کی ساخت بھی بالکل اسی مکان جیسی تھی اور ان دونوں جگہوں کے لیے ایک ہی سیڑھی بنائی گئی تھی۔ اس لیے اکثر اوقات حلوائی کی کتیا اپنے گھر جانے کے بجائے میرے کمرے میں چلی آتی تھی۔ اس عمارت کے تختوں کو آپس میں بہت ہی بھونڈے طریقے سے جوڑا گیا تھا۔ پیچ بہت کم استعمال کیے گئے تھے۔ شاید اس لیے کہ ان کو لکڑی میں داخل کرنے میں وقت صرف ہوتا ہے، کیلیں کچھ اس بے ربطی سے ٹھونکی گئی تھیں کہ معلوم ہوتا تھا اس مکان کو بنانے والا بالکل اناڑی تھا۔ کیلوں کے درمیان فاصلہ کی یکسانی کا کوئی لحاظ نہ رکھا گیا تھا۔ جہاں ہاتھ ٹھہر گیا وہیں پر کیل ایک ہی ضرب میں چت کردی گئی تھی۔ یہ بھی نہ دیکھا گیا تھا کہ لکڑی پھٹ رہی ہے یا کیل ہی بالکل ٹیڑھی ہو گئی ہے۔ چھت ٹین سے پاٹی ہوئی تھی، جس کی قینچی میں چڑیوں نے گھونسلے بنا رکھے تھے۔ کمرے کے باقی تختوں کی طرح چھت کی کڑیاں بھی رنگ اور روغن سے بے نیاز تھیں البتہ ان پر کہیں کہیں چڑیوں کی سفید بیٹیں سفیدی کے چھینٹوں کے مانند نظر آتی تھیں۔ میرے کمرے میں تین کھڑکیاں تھیں۔ درمیانی کھڑکی کی طول و عرض میں دروازے کے برابر تھی۔ باقی دو کھڑکیاں چھوٹی تھیں ان کے کواڑوں کو دیکھ کر معلوم ہوتا تھا کہ مالک مکان کا کبھی ارادہ تھا کہ ان میں شیشے جڑائے، پر اب ان کے بجائے ٹین کے ٹکڑے اور لکڑی کے موٹے موٹے ناہموار ٹکڑے جڑے تھے۔ کہیں کہیں لندن ٹائمز اور ٹریبیون اخبار کے ٹکڑے بھی لگے ہُوئے تھے۔ جن کا رنگ دھوئیں اور بارش کی وجہ سے خستہ بسکٹوں کی طرح بھوسلا ہو گیا تھا۔ یہ کھڑکیاں جنکی کی کنڈیاں ٹُوٹی ہوئیں تھیں۔ بازار کی طرف کھلتی تھیں اور ہمیشہ کھلی رہتی تھیں۔ اس لیے کہ ان کو بند کرنے کے لیے کافی وقت اور محنت کی ضرورت تھی۔ کھڑکیوں میں سے دُور نظر ڈالنے پر پہاڑیوں کے بیچوں بیچ ٹیڑھی بِنگی مانگ کی طرح

’’کشتواڑ‘‘

اور‘‘

بھدروا‘‘

جانے والی سڑک بل کھاتی ہُوئی چلی گئی اور آخر میں آسمان کی نیلاہٹ میں گھل مل گئی تھی۔ کمرے کا فرش خالص مٹی کا تھا جو کپڑوں کو چمٹ جاتی تھی اور دھوبی کی کوششوں کے باوجود اپنا گیروارنگ نہ چھوڑتی تھی۔ فرش پر پان کی پیک کے داغ جا بجا بکھرے ہوئے تھے۔ کہیں کہیں کونوں میں چچوڑی ہوئی ہڈیاں بھی پڑی رہتی تھیں جو ہر روز جھاڑوسے کسی نہ کسی طرح بچاؤ حاصل کرلیتی تھیں۔ اس کمرے کے ایک کونے میں میری چارپائی بچھی تھی جو بیک وقت میز، کرسی اور بستر کا کام دیتی تھی۔ اس کے ساتھ والی دیوار پر چند کیلیں ٹنگی ہوئی تھیں ان پر میں نے اپنے کپڑے وغیرہ لٹکا دیئے تھے۔ دن میں پانچ چھ مرتبہ میں ان کو لٹکاتا رہتا تھا اس لیے کہ ہوا کی تیزی سے یہ اکثر گرتے رہتے تھے۔ کشمیر جانے یا وہاں سے آنے والے کئی مسافر اس کمرے میں ٹھہرے ہونگے۔ بعض نے آتے جاتے وقت تختوں پر چاک کی ڈلی یا پنسل سے کچھ نشانی کے طور پر لکھ دیا تھا۔ سامنے کھڑکی کے ساتھ والے تختے پر کسی صاحب نے یادداشت کے طور پر پنسل سے یہ عبارت لکھی ہوئی تھی4/5/25ء سے دودھ شروع کیا اور ایک روپیہ پیشگی دیا گیا۔ اس طرح ایک اور تختے پر یہ مندرج تھا:۔ دھوبی کو کل پندرہ کپڑے دیئے گئے تھے جن میں سے وہ دو کم لایا۔ میرے سرہانے کے قریب ایک تختے پر یہ شعر لکھا تھا۔ در و دیوار پہ حسرت سے نظر کرتے ہیں خوش رہو اہل وطن ہم تو سفر کرتے ہیں اس کے نیچے

’’علیم پنٹر‘‘

لکھا تھا۔ ظاہر ہے کہ یہ نویسندہ کا نام ہو گا۔ یہی شعر کمرے کے ایک اور تختے پر لکھا تھا۔ مگر زرد چاک سے اس کے اوپر تاریخ بھی لکھ دی گئی تھی۔ ایک اور تختے پر یہ شعر مرقوم تھا ؂ میرے گھر آئے عنایت آپ نے مجھ پریہ کی میرے سر آنکھوں پر آؤ، تھی یہ کب قسمت میری اس سے دُور ایک کونے میں یہ مصرعہ لکھا تھا۔ ایک ہی شب گورہے لیکن گلوں میں ہم رہے اس مصرعے کے پاس ہی اسی خط میں پنجابی کے یہ شعر مرقوم تھے ؂ تیرے باہجہ نہ آسی قرار دل نوں، جذبہ پریم والا بے پناہ رہے گا لکھ اکھیاں تو ہوسیں دُور بانو اے پر دلاں نوں دلاندا راہ رہے گا تیرے میرے پیار دا رب جانے، مگونالے دا نیر گواہ رہے گا ترجمہ: تیرے بغیر میرے دل کو کبھی قرار نہیں آئے گا۔ جذبہ ءِ محبت بے پناہ رہے گا تو لاکھ میری آنکھوں سے دور ہو لیکن دل کو دل کی راہ رہے گی۔ تیرے اور میرے پریم کو صرف خدا جانتا ہے۔ لیکن

’’مگونالہ‘‘

کا پانی بھی اسکا گواہ رہے گا۔ میں نے اس اشعار کو غور سے پڑھا۔ ایک بار نہیں کئی بار پڑھا، نہ معلوم ان میں کیا جذبیت تھی کہ پڑھتے پڑھتے میں نے

’’ہیر‘‘

کی دلنواز دھن میں انھیں گانا شروع کردیا۔ لفظوں کا روکھا پن یوں بالکل دُورہو گیا اور مجھے ایسا محسوس ہوا کہ لفظ پگھل کر اُس دُھن میں حل ہو گئے ہیں۔ یہ شعر کسی خاص واقعہ کے تاثرات تھے۔ مگونالہ ہوٹل سے ایک میل کے فاصلہ پر شہتوتوں اور اخروٹ کے درختوں کے بیچوں بیچ بہتا تھا۔ میں یہاں کئی بار ہو آیا تھا۔ اس کے ٹھنڈے پانی میں غوطے لگا چکا تھا۔ اس کے ننھے ننھے پتھروں سے گھنٹوں کھیل چکا تھا لیکن یہ بانو کون تھی؟۔ یہ بانو جس کا نام کشمیر کے بگوگوشے کی یاد تازہ کرتا تھا۔ میں نے اس بانو کو اس پہاڑی گاؤں میں ہر جگہ تلاش کیا مگر ناکام رہا۔ اگر شاعر نے اس کی کوئی نشانی بتا دی ہوتی تو بہت ممکن ہے مگونالے ہی کے پاس اسکی اور میری مڈبھیڑ ہو جاتی۔ اس مگونالے کے پاس جس کا پانی میرے بدن میں جھرجھری پیدا کردیتا تھا۔ میں نے ہر جگہ بانو کو ڈھونڈا مگر وہ نہ ملی۔ اس موہوم جستجو میں اکثر اوقات مجھے اپنی بیوقوفی پر بہت ہنسی آئی، کیونکہ بہت ممکن تھا کہ وہ اشعار سرے ہی سے مہمل ہوں اور کسی نوجوان شاعر نے اپنا من پرچانے کے لیے گھڑ دیئے ہوں مگر خدا معلوم کیوں مجھے اس بات کا دلی یقین تھا کہ بانو۔ وہ بانو جو آنکھوں سے دور ہونے پر بھی اس شاعر کے دل میں موجود ہے ضرور اس پہاڑی گاؤں میں سانس لے رہی ہے۔ سچ پوچھے تو میرا یقین اس حد تک بڑھ چکا تھا کہ بعض اوقات مجھے فضا میں اس کا تنفس گھلا ہُوا محسوس ہوتا تھا۔ مگونالے کے پتھروں پر بیٹھ کر میں نے اس کا انتظار کیا کہ شاید وہ ادھر آنکلے اورمیں اسے پہچان جاؤں لیکن وہ نہ آئی۔ کئی لڑکیاں خوبصورت اور بدصورت میری نظروں سے گزریں مگر مجھے بانو دکھائی نہ دی۔ مگونالے کے ساتھ ساتھ اُگے ہوئے ناشپاتی کے درختوں کی ٹھنڈی ٹھنڈی چھاؤں، اخروٹ کے گھنے درختوں میں پرندوں کی نغمہ ریزیاں اور گیلی زمین پر سبز اور ریشمیں گھاس، میرے دل و دماغ پر ایک خوش گو ارتکان پیدا کردیتی تھی اور میں بانو کے حسین تصور میں کھو جاتا تھا۔ ایک روز شام کو مگونالے کے ایک چوڑے چکلے پتھر پر لیٹا تھا خنک ہوا جنگلی بوٹیوں کی سوندھی سوندھی خوشبو میں بسی ہوئی چل رہی تھی۔ فضا کا ہر ذرّہ ایک عظیم الشان اور ناقابل بیان محبت میں ڈُوبا ہُوا معلوم ہوتا تھا۔ آسمان پر اُڑتی ہوئی ابابیلیں زمین پررہنے والوں کو گویا یہ پیغام دے رہی تھیں۔

’’اُٹھو، تم بھی ان بلندیوں میں پرواز کرو۔ ‘‘

میں نیچر ان کی سحر کاریوں کا لیٹے لیٹے تماشا کررہا تھا کہ مجھے اپنے پیچھے خشک ٹہنیوں کے ٹُوٹنے کی آواز آئی۔ میں نے لیٹے ہی لیٹے مڑ کر دیکھا۔ جھاڑیوں کے پیچھے کوئی بیٹھا خشک ٹہنیاں توڑ رہا تھا۔ میں اُٹھ کھڑا ہوا، اور سلیپر پہن کر اس طرف روانہ ہو گیا کہ دیکھوں کون ہے۔ ایک لڑکی تھی جو خشک لکڑیوں کا ایک گٹھا بنا کر باندھ رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ بھدی اور کن سری آواز میں

’’ماہیا‘‘

گارہی تھی۔ میرے جی میں آئی کہ آگے بڑھوں اور اس کے منہ پر ہاتھ رکھ کے کہوں

’’کہ خدا کے لیے نہ گاؤ۔ لکڑیوں کا گٹھا اُٹھاؤ اور جاؤ مجھے اذّیت پہنچ رہی ہے۔ ‘‘

لیکن مجھے یہ کہنے کی ضرورت نہ ہوئی، کیونکہ اس نے خود بخود گانا بندکردیا۔ گٹھا اُٹھانے کی خاطر جب وہ مڑی تو میں نے اسے دیکھا اور پہچان لیا یہ وہی لڑکی تھی جو بھٹیار خانے کے لیے ہر روز شام کو ایندھن لایا کرتی تھی۔ معمولی شکل و صورت تھی۔ ہاتھ پاؤں بے حد غلیظ تھے۔ سر کے بالوں میں بھی کافی میل جم رہا تھا۔ اس نے میری طرف دیکھا اور دیکھ کر اپنے کام میں مشغول ہو گئی۔ میں جب اٹھ کر دیکھنے آیا تھا تو دل میں آئی کہ چلو اس سے کچھ باتیں ہی کرلیں۔ چنانچہ میں نے اس سے کہا

’’یہ ایندھن جو تم نے اکٹھا کیا ہے! اسکا تمہیں جمّا کیا دیگا‘‘

جمّا اس بھٹیار خانے کے مالک کا نام تھا۔ اس نے میری طرف دیکھے بغیر جواب دیا۔

’’ایک آنہ‘‘

’’صرف ایک آنہ۔ ‘‘

’’کبھی کبھی پانچ پیسے بھی دے دیتا ہے۔ ‘‘

’’تو سارا دن محنت کرکے تم ایک آنہ یا پانچ پیسے کماتی ہو۔ ‘‘

اس نے گٹھے کی خشک لکڑیوں کو درست کرتے ہوئے کہا۔ نہیں، دن میں ایسے دو گٹھے تیار ہو جاتے ہیں۔ ‘‘

’’تو دو آنے ہو گئے۔ ‘‘

’’کافی ہیں‘‘

’’تمہاری عُمر کیا ہے؟‘‘

اس نے اپنی موٹی موٹی آنکھوں سے مجھے گھورکر دیکھا۔

’’تم وہی ہونا جو بھٹیار خانے کے اوپر رہتے ہو۔ ‘‘

میں نے جواب دیا،

’’ہاں وہی ہُوں۔ تم مجھے کئی بار وہاں دیکھ چکی ہو۔ ‘‘

’’یہ تم نے کیسے جانا۔ ‘‘

’’اس لیے کہ میں نے تمہیں کئی بار دیکھا ہے۔ ‘‘

’’دیکھا ہو گا۔ ‘‘

یہ کہہ وہ زمین پر بیٹھ کر گٹھا اُٹھانے لگی۔ میں آگے بڑھا۔

’’ٹھہرو میں اُٹھوا دیتا ہُوں۔ ‘‘

گٹھا اُٹھواتے ہُوئے لکڑی کا ایک نوکیلا ٹکڑا اس زور سے میری انگلی میں چبھا کہ میں نے دونوں ہاتھ ہٹا لیے۔ وہ سر پر رسی کو اٹکا کر گٹھے کو قریب قریب اُٹھا چکی تھی۔ میرے ہاتھ ہٹانے سے اس کا توازن قائم نہ رہا اور وہ لڑکھڑائی۔ میں نے فوراً اُسے تھام لیا۔ ایسا کرتے ہوئے میرا ہاتھ اس کی کمرسے لے کر اٹھے ہوئے بازو کی بغل تک گھسیٹتا چلا گیا وہ تڑپ کر ایک طرف ہٹ گئی۔ سر پر رسی کو اچھی طرح جمانے کے بعد اس نے میری طرف کچھ عجیب نظروں سے دیکھا اور چلی گئی۔ میری انگلی سے خون جاری تھا۔ میں نے جیب سے رومال نکال کر۔ اس پر باندھا اور مگو نالے کی طرف روانہ ہو گا۔ اس پتھر پر بیٹھ کر میں نے اپنی زخمی انگلی کو پانی سے دھو کر صاف کیا اور اس پر رومال باندھ کر سوچنے لگا۔

’’یہ بھی اچھی رہی بیٹھے بٹھائے اپنی انگلی لہولہان کرلی۔ خود ہی اٹھالیتی میں نے بھلا یہ تکلف کیوں کیا۔ ‘‘

یہاں سے میں اپنے ہوٹل، معاف کیجیے گا۔ بھٹیار خانے پہنچا اور کھانا وانا کھا کر اپنے کمرے میں چلا گیا۔ دیر تک کھانا ہضم کرنے کی غرض سے کمرے میں مَیں اِدھر اُدھر ٹہلتا رہا۔ پھر کچھ دیر تک لالٹین کی اندھی روشنی میں ایک واہیات کتاب پڑھتا رہا۔ سچ پوچھئے تو اردگرد ہر شے واہیات تھی۔ لال مٹی جو کپڑے کے ساتھ ایک دفعہ لگتی تھی تو دھوبی کے پاس جا کر بھی الگ نہ ہوتی تھی اور وہ آپس میں نہایت ہی بھونڈے طریقے پر جوڑے ہوئے تختے اور ان پر لکھے ہوئے غلط اشعار اور چچوڑی ہوئی ہڈیاں جو ہر روز جھاڑو کی زد سے کسی نہ کسی طرح بچ کر میری چارپائی کے پاس نظر آتی تھیں۔ کتاب ایک طرف رکھ کر میں نے لالٹین کی طرف دیکھا۔ مجھے اس میں اور اس لکڑیاں چننے والی میں ایک گونہ مماثلت نظر آئی۔ کیونکہ لالٹین کی چمنی کی طرح اس لڑکی کا لباس بھی بے حد غلیظ تھا۔ مجھے اس کو بجھانے کی ضرورت محسوس نہ ہوئی کیونکہ میں نے سوچا، تھوڑی ہی دیر میں دھوئیں کی وجہ سے یہ اس قدر اندھی ہو جائے گی کہ خود بخود اندھیرا ہو جائے گا۔ کھڑکیاں خود بخود بند ہو گئی تھیں۔ میں نے ان کو بھی نہ کھولا اورچارپائی پر لیٹ گیا۔ رات کے نو یا دس بج چکے تھے۔ سونے ہی والا تھا کہ بازارمیں ایک کتا زور سے بھونکا جیسے اس کی پسلی میں یکا یکی درد اُٹھ کھڑا ہوا ہے میں نے دل ہی دل میں اس پر لعنتیں بھیجیں اور کروٹ بدل کر لیٹ گیا مگر فوراً ہی نزدیک و دُور سے کئی کتوں کے بھونکنے کی آوازیں آنے لگیں ایک عجیب و غریب سبتک قائم ہو گیا۔ اگرکوئی کتا ایک سُر چھیڑتا تو سبتک کے سارے سُر فضا میں گونجنے لگے۔ میری نیند حرام ہو گئی۔ دیر تک میں نے صبر کیا۔ لیکن مجھ سے نہ رہا گیا تو میں اُٹھا دوسرے کمرے میں گیا اور اس کا دروازہ کھول کر باہر نکل گیا۔ نیچے بازار میں اُترا اور جو پتھر میرے ہاتھ میں آیا مارنا شروع کردیا۔ ایک دو پتھر کتوں کے لگے کیونکہ نہایت ہی مکروہ آوازیں بلند ہوئیں میں نے اس کامیابی پر اور زیادہ پتھر پھینکنے شروع کیے۔ دفعتہً کسی انسان کے

’’اُف‘‘

کرنے کی آواز سنائی دی۔ میرا ہاتھ وہیں پتھر بن گیا۔ آواز کسی عورت کی تھی۔ سڑک کے دائیں ہاتھ ڈھلوان تھی، ادھر تیز قدمی سے گیا تو میں نے دیکھا کہ نیچے ایک لڑکی دوہری ہو کر کراہ رہی تھی۔ میرے قدموں کی چاپ سُن کر وہ کھڑی ہو گئی۔ بدلی کے پیچھے چھپے ہُوئے چاند کی دُھندلی روشنی میں مجھے اپنے سامنے وہی ایندھن چننے والی لڑکی نظر آئی۔ اس کے ماتھے سے خون نکل رہا تھا۔ مجھے بہت افسوس ہوا کہ میری غفلت کے باعث اُسے اتنی تکلیف ہوئی۔ چنانچہ میں نے اس ے کہا۔

’’مجھے معاف کردینا۔ لیکن تم یہاں کیا کررہی تھیں؟‘‘

اس نے جواب دیا۔

’’میں اوپر چڑھ رہی تھی۔ ‘‘

’’رات کو اس وقت تمہیں کیا کام تھا۔ ‘’‘ اس نے کرتے کی آستین سے ماتھے کا خون صاف کیا اور کہا

’’اپنے کتے شیرو کو ڈھونڈ رہی تھی۔ ‘‘

بے اختیار مجھے ہنسی آگئی۔

’’اور میں تمام کتوں کا خون کردینے کا تہیہ کرکے گھر سے نکلا تھا۔ ‘‘

وہ بھی ہنس دی۔

’’کہاں ہے تمہارا شیرو؟‘‘

’’اللہ جانے کہاں گیا ہے۔ یوں ہی سارا دن مارا مارا پھرتا ہے۔ ‘‘

’’تو اب کیسے تلاش کرو گی۔ ‘‘

’’یہیں سڑک پر مل جائے گا کہیں۔ ‘‘

’’میں بھی تمہارے ساتھ اسے تلاش کروں؟‘‘

نیند میری آنکھوں سے بالکل اُڑ چکی تھی اس لیے میں نے کہا کہ چلوکچھ دیر شغل رہے گا۔ لیکن اس نے سر ہلا کر کہا۔

’’نہیں میں اسے آپ ہی ڈھونڈ لُوں گی۔ مجھے معلوم ہے وہ کہاں ہو گا۔ ‘‘

’’ابھی ابھی تو تم کہہ رہی تھیں کہ تمہیں کچھ معلوم ہی نہیں۔ ‘‘

’’میرا خیال ہے کہ تمہارے مکان کے پچھواڑے ہو گا۔ ‘‘

’’تو چلو مجھے بھی ادھرہی جانا ہے کیوں کہ میں پچھلا دروازہ کھول کر باہر نکلا تھا۔ ‘‘

ہم دونوں بھٹیار خانے کے پچھواڑے کی جانب سے روانہ ہوئے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی جو کبھی کبھی بدن پر خوشگوار کپکپی طاری کردیتی تھی۔ چاند ابھی تک بادل کے پیچھے چھپا ہُوا تھا۔ روشنی تھی مگر بہت ہی دُھندلی جو رات کی خنکی میں بڑی پُر اسرار معلوم ہوتی تھی جی چاہتا تھا کہ آدمی کمبل اوڑھ کے لیٹ جائے اور اوٹ پٹانگ باتیں سوچے۔ سڑک طے کرکے ہم اوپڑ چڑھے اور بھٹیار خانے کے عقب میں پہنچ گئے۔ وہ میرے آگے تھی۔ ایک دم وہ ٹھٹکی اور منہ پھیر کر عجیب و غریب لہجے میں اس نے کہا۔

’’دُور دفان ہو نا مُراد!‘‘

ایک موٹا تازہ کتا نمودار ہُوا اور اپنے ساتھ حلوائی کی کتیا کوگھسیٹتا ہوا ہمارے پاس سے گُزر گیا۔ دروازہ کھلا تھا میں اسے اندر اپنے کمرے میں لے گیا۔ لالٹین کی چمنی ابھی مکمل طور پر سیاہ نہیں ہُوئی تھی، کیوں کہ ایک کونے سے جو اس کالک سے بچ گیا تھا تھوڑی تھوڑی روشنی باہر نکل رہی تھی۔ دو ڈھائی گھنٹے کے بعد ہم باہر نکلے۔ چاند اب بادل میں سے نکل آیا تھا۔ میں نے دیکھا کہ نیچے سڑک پر اس کا کتا شیرو بڑے سے پتھر کے پاس بیٹھا اپنا بدن صاف کررہا تھا۔ اس سے کچھ دُور حلوائی کی کتیا کھڑی تھی۔ جب وہ جانے لگی تو میں نے اس سے پوچھا

’’تمہارا نام کیا ہے؟‘‘

اس نے جواب دیا۔

’’بانو۔ ‘‘

’’بانو!‘‘

۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہ کہہ سکا۔ اب اس نے پوچھا۔

’’تمہارا نام کیا ہے۔ ‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’شیرو۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

شیر آیا شیر آیا دوڑنا

اونچے ٹیلے پر گڈریے کا لڑکا کھڑا، دور گھنے جنگلوں کی طرف منہ کیے چلا رہا تھا

’’شیر آیا شیر آیا دوڑنا۔ ‘‘

بہت دیر تک وہ اپنا گلا پھاڑتا رہا۔ اس کی جوان بلند آواز بہت دیر تک فضاؤں میں گونجتی رہی۔ جب چلا چلا کر اس کا حلق سوکھ گیا تو بستی سے دو تین بڈھے لاٹھیاؒ ٹیکتے ہوئے آئے اور گڈریے کے لڑکے کو کان سے پکڑ کر لے گئے۔ پنچایت بلائی گئی۔ بستی کے سارے عقلمند جمع ہوئے اور گڈریے کے لڑکے کا مقدمہ شروع ہوا۔ فرد جرم یہ تھی کہ اس نے غلط خبر دی اور بستی کے امن میں خلل ڈالا۔ لڑکے نے کہا۔

’’میرے بزرگو، تم غلط سمجھتے ہو۔ شیر آیا نہیں تھا۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ آ نہیں سکتا؟‘‘

جواب ملا۔

’’وہ نہیں آ سکتا۔ ‘‘

لڑکے نے پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

جواب ملا۔

’’محکمہ جنگلات کے افسر نے ہمیں چٹھی بھیجی تھی کہ شیر بڈھا ہو چکا ہے۔ ‘‘

لڑکے نے کہا۔

’’لیکن آپ کو یہ معلوم نہیں کہ اس نے تھوڑے ہی روز ہوئے کایا کلپ کرایا تھا۔ ‘‘

جواب ملا۔

’’یہ افواہ تھی۔ ہم نے محکمہ جنگلات سے پوچھا تھا اور ہمیں یہ جواب آیا تھا کہ کایا کلپ کرانے کی بجائے شیر نے تو اپنے سارے دانت نکلوا دیے ہیں۔ کیونکہ وہ اپنی زندگی کے بقایا دن اہنسا میں گزارنا چاہتا ہے۔ ‘‘

لڑکے نے جوش کے ساتھ کہا۔

’’میرے بزرگو! کیا یہ جواب جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ ‘‘

سب نے بیک زبان ہو کر کہا۔

’’قطعاً نہیں۔ ہمیں محکمہ جنگلات کے افسر پر پورا بھروسا ہے۔ اس لیے کہ وہ سچ بولنے کا حلف اٹھا چکا ہے۔ ‘‘

لڑکے نے پوچھا۔

’’کیا یہ حلف جھوٹا نہیں ہو سکتا؟‘‘

جواب ملا۔

’’ہرگز نہیں۔ تم سازشی ہو، ففتھ کالمسٹ ہو، کمیونسٹ ہو، غدار ہو، ترقی پسند ہو۔ سعادت حسن منٹو ہو۔ ‘‘

لڑکا مسکرایا۔

’’خدا کا شکر ہے کہ میں وہ شیر نہیں جو آنے والا ہے۔ محکمہ جنگلات کا سچ بولنے والا افسر نہیں۔ میں۔ ‘‘

پنچایت کے ایک بوڑھے آدمی نے لڑکے کی بات کاٹ کر کہا۔

’’تم اسی گڈریے کے لڑکے کی اولاد ہو، جس کی کہانی سالہا سال سے سکولوں کی ابتدائی جماعتوں میں پڑھائی جا رہی ہے۔ تمہارا حشر بھی وہی ہو گا جو اس کا ہوا تھا۔ شیر آئے گا تو تمہاری ہی تکا بوٹی اڑا دے گا۔ ‘‘

گڈریے کا لڑکا مسکرایا۔

’’میں تو اس سے لڑوں گا۔ مجھے تو ہر گھڑی اس کے آنے کا کھٹکا لگا رہتا ہے۔ تم کیوں نہیں سمجھتے ہو کہ شیر آیا شیر آیا والی کہانی جو تم اپنے بچوں کو پڑھاتے ہو آج کی کہانی نہیں۔ آج کی کہانی میں تو شیر آیا شیر آیا کا مطلب یہ ہے کہ خبردار رہو۔ ہوشیار رہو۔ بہت ممکن ہے شیر کے بجائے کوئی گیدڑ دونوں نے نہیں ڈرتا، لیکن اس کی حیوانیت سے البتہ ضرور خائف رہتا ہوں اور اس حیوانیت کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو ہمیشہ تیار کھتا ہوں۔ میرے بزرگو، اسکولوں میں سے وہ کتاب اٹھا لو۔ جس میں شیر آیا شیر آیا والی پرانی کہانی چھپی ہے۔ اس کی جگہ یہ نئی کہانی پڑھاؤ۔ ‘‘

ایک بوڑھے نے کھانستے کھنکارتے ہوئے کہا۔

’’یہ لونڈا ہمیں گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ یہ ہمیں راہ مستقیم سے ہٹانا چاہتا ہے۔ ‘‘

لڑکے نے مسکرا کر کہا۔

’’زندگی خط مستقیم نہیں ہے میرے بزرگو۔ ‘‘

دوسرے بڈھے نے فرط جذبات سے لرزتے ہوئے کہا۔

’’یہ ملحد ہے، یہ بے دین ہے، فتنہ پردازوں کا ایجنٹ ہے۔ اس کو فوراً زندان میں ڈال دو۔ ‘‘

گڈریے کے لڑکے کو زندان میں ڈال دیا گیا۔ اسی رات بستی میں شیر داخل ہوا۔ بھگدڑ مچ گئی۔ کچھ بستی چھوڑ کر بھاگ گئے۔ باقی شیر نے شکار کر لیے۔ مونچھوں کے ساتھ لگا ہوا خون چوستا جب شیر زندان کے پاس سے گزرا تو اس نے مضبوط آہنی سلاخوں کے پیچھے گڈریے کے لڑکے کو دیکھا اور دانت پیس کر رہ گیا۔ گڈریے کا لڑکا مسکرایا۔

’’دوست یہ میرے بزرگوں کی غلطی ہے ورنہ تم میرے لہو کا ذائقہ بھی چکھ لیتے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

شیدا

شیدے کے متعلق امر تسر میں یہ مشہور تھا کہ وہ چٹان سے بھی ٹکر لے سکتا ہے اس میں بلا کی پھرتی اور طاقت تھی گوتن و توش کے لحاظ سے وہ ایک کمزور انسان دکھائی دیتا تھا لیکن امر تسر کے سارے غنڈے اس سے خوف کھاتے اور اُس کو احترام کی نظروں سے دیکھتے تھے۔ فرید کا چوک، معلوم نہیں فسادات کے بعد اُس کی کیا حالت ہے عجیب و غریب جگہ تھی یہاں شاعر بھی تھے۔ ڈاکٹر اور حکیم بھی موچی اور جلا ہے، جواری اور بدمعاش، نیک اور پرہیز گار سبھی یہاں بستے تھے۔ ہر وقت گہما گہمی رہتی تھی۔ شیدے کی سرگرمیاں چوک سے باہر ہوتی تھیں یعنی وہ اپنے علاقے میں کوئی ایسی حرکت نہیں کرتا تھا جس پر اُس کے محلے والوں کو اعتراض ہو۔ اُس نے جتنی لڑائیاں لڑیں دوسرے غنڈوں کے محلے میں۔ وہ کہتا تھا اپنے محلے میں کسی دوسرے محلے کے غنڈے سے لڑنا نامردی کی نشانی ہے۔ مزا تو یہ ہے کہ دشمن کو اُس کی اپنی جگہ پر مارا جائے۔ اور یہ صحیح تھا۔ ایک بار پٹرنگوں سے اس کی ٹھن گئی۔ وہ کئی مرتبہ چوک فرید سے گزرے۔ بڑکیں مارتے، نعرے لگاتے شیدے کو گالیاں دیتے۔ وہ یہ سب سُن رہا تھا مگر اُس نے اُن سے بھڑنا مناسب نہ سمجھا اور خاموش رحمان

’’ماندرو کی دُکان میں بیٹھا رہا۔ لیکن دو گھنٹوں کے بعد وہ پٹرنگوں کے محلے کی طرف روانہ ہوا۔ اکیلا۔ بالکل اکیلا اور پھر غیر مسلح۔ وہاں جا کر اس نے ایک فلک شگاف نعرہ بلند کیا اور پٹرنگوں کو جو اپنے کام میں مصروف تھے للکارا نکلو باہر۔ تمہاری۔ ‘‘

دس پندرہ پٹرنگ لاٹھیاں لے کر باہر نکل آئے اور جنگ شروع ہو گئی میرا خیال ہے شیدا گتکے اور نبوٹ کا ماہر تھا۔ اُس پر لاٹھیاں برسائی گئیں لیکن اس نے ایک بھی ضرب اپنے پر نہ لگنے دی ایسے پینترے بدلتا رہا کہ پٹرنگوں کی سٹی گم ہو گئی۔ آخر اُس نے ایک پٹرنگ سے بڑی چابکدستی سے لاٹھی چینی اور حملہ آوروں کو مار مار کو ادھ موا کر دیا۔ دوسرے روز اُسے گرفتار کر لیا گیا۔ دو برس قید با مشقت کی سزا ہوئی۔ وہ جیل چلا گیا جیسے وہ اُس کا اپنا گھر ہے۔ اُس دوران میں اُس کی بوڑھی ماں وقتاً فوقتاً ملاقات کے لیے آتی رہی۔ وہ مشقت کرتا تھا لیکن اُسے کوئی کوفت نہیں ہوتی تھی وہ سوچتا تھا کہ چلو ورزش ہو رہی ہے صحت ٹھیک رہے گی۔ اُس کی صحت باوجود اس کے کہ کھانا بڑا واہیات ہوتا تھا پہلے سے بہتر تھی اُس کا وزن بڑھ گیا تھا لیکن وہ بعض اوقات مغموم ہو جاتا اور اپنی کوٹھڑی میں ساری رات جاگتا رہتا۔ اس کے ہونٹوں پر پنجابی کی یہ بولی ہوتی ؂ کی کچیے تیری یاری مہناں مہناں ہو کے ٹُٹ گئی ایک برس گزر گیا مشقت کرتے کرتے۔ اب اُس کی افسردگی کا دور شروع ہوا۔ اُس نے مختلف بولیاں گانا شروع کر دیں مجھے ایک قیدی نے بتایا جو اُس کے ساتھ والی کوٹھڑی میں تھا کہ وہ بولیاں گایا کرتا تھا۔ لبھ جان گے یار گواچے ٹھیکے لے لے پتناں دے اس کا مطلب یہ ہے کہ تجھے اپنا گُم شدہ محبوب مل جائے گا اگر تو دریا کے ساحل پر کشتیاں چلانے کا ٹھیکہ لے لے۔ گڈی کٹ جاندی جنھاں دی پریم والی مُنڈے لے جاندے اونہاں دی ڈور لُٹ کے یعنی جن کی محبت کا پتنگ کٹ جاتا ہے تو لڑکے بالے بڑا شور مچاتے ہیں اور اُن کی ڈور لُوٹ کر لے جاتے ہیں۔ میں اب اور بولیوں کا ذکر نہیں کروں گا۔ کیونکہ ان سب کا جو شیدے کے ہونٹوں پر ہوتی تھیں، ایک ہی قسم کا مفہوم ہے۔ اُس قیدی نے مجھ سے کہا ہم سمجھ گئے تھے کہ شیدا کسی کے عشق میں گرفتار ہے۔ کیونکہ ہم نے کئی مرتبہ اُسے آہیں بھرتے بھی دیکھا۔ مشقت کے دوران میں وہ بالکل خاموش رہتا، ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے وہ کسی اور دنیا کی سیر کررہا ہے۔ تھوڑے تھوڑے وقفوں کے بعد ایک لمبی آہ بھرتا اور پھر اپنے خیالات میں کھو جاتا‘‘

ڈیڑھ برس کے بعد جب شیدا خودکشی کا ارادہ کر چکا تھا اور کوئی ایسی ترکیب سوچ رہا تھا کہ اپنی زندگی ختم کر دے کہ اُسے اطلاع ملی کہ ایک جوان لڑکی تم سے ملنے آئی ہے۔ اُس کو بڑی حیرت ہوئی کہ یہ جوان لڑکی کون ہو سکتی ہے۔ اس کی تو صرف ماں تھی جو اُس سے اپنی ممتا کے باعث ملنے آ جایا کرتی تھی۔ ملاقات کا انتظام ہوا۔ شیدا سلاخوں کے پیچھے کھڑا تھا۔ اُس کے ساتھ مسلح سپاہی۔ لڑکی کو بُلایا گیا شیدے نے سلاخوں میں سے دیکھا کہ ایک بُرقع پوش عورت آہنی پنجرے کی طرف بڑھ رہی ہے اُس کو ابھی تک یہ حیرت تھی کہ یہ عورت یا لڑکی کون ہو سکتی ہے۔ سفید برقع تھا جب وہ پاس آئی تو اُس نے نقاب اُٹھائی۔ شیدا چیخا‘‘

تم۔ تم کیسے۔ ‘‘

زُلیخا جو کہ پٹرنگوں کی لڑکی تھی زارو قطار رونے لگی اُس کے حلق میں لفظ اٹک اٹک گئے

’’میں تم سے ملنے آئی ہوں۔ لیکن۔ لیکن مجھے۔ معاف کر دینا اتنی دیر کے بعد آئی ہوں۔ تم خدا معلوم۔ اپنے دل میں میرے متعلق کیا سوچتے ہو گے۔ ‘‘

شیدے نے سلاخوں کے ساتھ سر لگا کرکہا

’’نہیں میری جان۔ میں تمہارے متعلق سوچتا ضرور رہا۔ لیکن میں جانتا تھا کہ تم مجبور ہو، زُلیخا نے روتے ہوئے کہا

’’میں واقعی مجبور تھی۔ لیکن آج مجھے موقع ملا تو میں آگئی۔ سچ کہتی ہوں میرا دل کسی چیز میں نہیں لگتا تھا۔ ‘‘

’’یہ موقع تمھیں کیسے مل گیا؟‘‘

زُلیخا کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے

’’میرے ابا کا انتقال ہو گیا ہے۔ کل اُن کا چالیسواں تھا۔ ‘‘

شیدا مرحوم سے اپنی ساری مخاصمت بھول گیا

’’خدا اُنھیں جنت بخشے۔ مجھے یہ خبر سُن کر بڑا افسوس ہوا۔ یہ کہتے ہوئے اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

’’صبر کرو زُلیخا۔ اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں‘‘

زُلیخا نے اپنے سفید بُرقعے سے آنسو پونچھے

’’میں نے بہت صبر کیا ہے شیدے، اب اور کتنی دیر کرنا پڑے گا۔ تم یہاں سے کب نکلو گے؟‘‘

بس چھ مہینے رہ گئے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ مجھے بہت پہلے ہی چھوڑ دیں گے۔ یہاں کے سب افسر مجھ پر مہربان ہیں۔ زُلیخا کی آواز میں محبت کا بے پناہ جذبہ پیدا ہو گیا

’’جلدی آؤ پیارے۔ مجھے اب تمہاری ہونے سے روکنے والا کوئی نہیں۔ خدا کی قسم اگر کسی نے تمہاری طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھا تو میں خود اُس سے نپٹ لوں گی۔ میں نہیں چاہتی کہ تم پھر اسی مصیبت میں گرفتار ہو جاؤ۔ سنتری نے کہا کہ وقت ختم ہو گیا۔ چنانچہ اُن کی ملاقات بھی ختم ہو گئی۔ زلیخا روتی چلی گئی اور شیدا دل میں مسرت اور آنکھوں میں آنسو لیے جیل کے اندر چلا گیا جہاں اُس کو مشقت کرنا تھی اُس دن اُس نے اتنا کام کیا کہ جیلر دنگ رہ گئے۔ دو مہینوں کے بعد اُسے رہا کر دیا گیا۔ اس دوران میں زُلیخا دو مرتبہ ا س سے ملاقات کرنے آئی تھی۔ اس نے آخری ملاقات میں اُس کو بتا دیا تھا کہ وہ کس تاریخ کو جیل سے باہر نکلے گا چنانچہ وہ گیٹ کے پاس برقع پہنے کھڑی تھی۔ دونوں فرطِ محبت میں آنسو بہانے لگے۔ شیدے نے تانگہ لیا دونوں اُس میں سوار ہوئے اور شہر کی جانب چلے۔ لیکن شیدے کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ زُلیخا کو کہاں لے جائے گا۔ زُلیخا تمھیں کہاں جانا ہے‘‘

زُلیخا نے جواب دیا

’’مجھے معلوم نہیں۔ تم جہاں لے جاؤ گے ‘ وہیں چلی جاؤں گی‘‘

شیدے نے کچھ دیر سوچا اور زلیخا سے کہا

’’نہیں۔ یہ ٹھیک نہیں تم اپنے گھر جاؤ۔ دنیا مجھے گنڈہ کہتی ہے لیکن میں تمھیں جائز طریقے پر حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ تم سے باقاعدہ شادی کروں گا۔ ‘‘

زُلیخا نے پوچھا

’’کب؟‘‘

’’بس ایک دو مہینے لگ جائیں گے۔ میں اپنی جوئے کی بیٹھک پھر سے قائم کر لوں اس عرصے میں اتنا روپیہ اکٹھا ہو جائے گا کہ میں تمہارے لیے زیور کپڑے خرید سکوں۔ ‘‘

زُلیخا بہت متاثر ہوئی تم کتنے اچھے ہو شیدے۔ جتنی دیر تم کہو گے میں اس گھڑی کے لیے انتظار کروں گی جب میں تمہاری ہو جاؤں گی۔ شیدا ذرا جذباتی ہو گیا

’’جانی، تم اب بھی میری ہو۔ میں بھی تمہارا ہوں۔ لیکن میں چاہتا ہوں جو کام ہو طور طریقے سے ہو۔ میں اُن لوگوں سے نہیں جو دوسروں کی جوان کنواری کو روغلا کر خراب کرتے ہیں۔ مجھے تم سے محبت ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ تمہاری خاطر میں نے مارکھائی اور قریب قریب دو برس جیل میں کاٹے۔ خدا وند پاک کی قسم کھا کے کہتا ہوں ہر وقت میرے ہونٹوں پر تمہارا نام رہتا تھا۔ زُلیخا نے کہا

’’میں نے کبھی نماز نہیں پڑھی تھی لیکن تمہارے لیے میں نے ایک ہمسائی سے سیکھی اور بلاناغہ پانچوں وقت پڑھتی رہی۔ ہر نماز کے بعد دُعا مانگتی کہ خدا تمھیں ہر آفت سے محفوظ رکھے‘‘

شیدے نے شہر پہنچتے ہی دوسرا تانگہ لے لیا اور زُلیخا سے جدا ہو گیا تاکہ وہ اپنے گھر جائے اور وہ اپنے۔ شیدے نے ڈیڑھ ماہ کے اندر اندر ایک ہزار روپے پیدا کر لیے۔ ان سے اُس نے زلیخا کے لیے سونے کی چوڑیاں اور انگوٹھیاں بنوائیں۔ گلے کے لیے ایک نکلس بھی لیا۔ اب وہ پوری طرح لیس تھا۔ ایک دن وہ اپنے گھر میں اوپر پیڑھی پر بیٹھا کھانا کھانے لگا تھا کہ نیچے سے کسی عورت کے بین کرنے جیسی آواز آئی۔ وہ اسے پکار رہی تھی اور ساتھ ساتھ کوسنے بھی دے رہی تھی۔ شیدے نے اُٹھ کر کھڑکی میں سے نیچے جھانکا تو ایک بڑھیا تھی جو اُس کے محلے کی نہیں تھی اُس نے گردن اُٹھا کر اوپر دیکھا اور پوچھا کیا تم ہی شیدے ہو‘‘

’’ہاں ہاں‘‘

’’خدا کرے نہ رہو اس دُنیا کے تختے پر۔ تمہاری جوانی ٹُوٹے۔ تم پر بجلی گرے‘‘

شیدے نے کسی قدر غصے میں بڑھیا سے پوچھا بات کیا ہے؟‘‘

بڑھیا کا لہجہ اور زیادہ تلخ ہو گیا

’’میری بچی تم پر جان چھڑکے اور تمھیں کچھ پتا ہی نہیں‘‘

شیدے نے حیرت سے اُس بڑھیا سے سوال کیا کون ہے تمہاری بچی؟‘‘

’’زُلیخا اور کون؟‘‘

’’کیوں کیا ہوا اُس کو؟‘‘

بڑھیا رونے لگی

’’وہ تم سے ملتی تھی، تم غنڈے ہو، اس لیے ایک تھانیدار نے زبردستی اُس کے ساتھ اپنا منہ کالا کیا۔ ‘‘

شیدے کے ہوش و حواس ایک لحظے کے لیے غائب ہو گئے۔ مگر سنبھل کر اُس نے بڑھیا سے پوچھا کیا نام ہے اس تھانیدار کا؟‘‘

بڑھیا کانپ رہی تھی

’’کرم داد۔ تم یہاں اُوپر مزے میں بیٹھے ہو بہت بڑے غنڈے بنے پھرتے ہو۔ اگر تم میں تھوڑی سی غیرت ہے تو جاؤ اور اُس تھانیدار کا سر گنڈاسے سے کاٹ کے رکھ دو‘‘

شیدے نے کچھ نہ کہا کھڑکی سے ہٹ کر اُس نے بڑے اطمینان سے کھانا کھایا۔ پیٹ بھر کے دو گلاس پانی کے پیے اور ایک کونے میں رکھی ہوئی کلہاڑی لے کر باہر چلا گیا۔ ایک گھنٹے کے بعد اُس نے زُلیخا کے گھر دروازے پر دستک دی۔ وہی بڑھیا باہر نکلی۔ شیدے کے ہاتھ میں خون آلود کلہاڑی تھی اُس نے بڑے پُر سکون لہجے میں اُس سے کہا

’’ماں۔ جوکام تم نے مجھ سے کہا تھا کر آیا ہوں۔ زُلیخا سے میرا سلام کہنا۔ میں اب چلتا ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ سیدھا کوتوالی گیا اور خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ (۳۰؍ مئی ۵۴ ؁ء)

سعادت حسن منٹو

شہید ساز

میں گجرات کاٹھیا واڑ کا رہنے والا ہوں۔ ذات کا بنیا ہوں۔ پچھلے برس جب تقسیم ہندوستان پر ٹنٹا ہوا تو میں بالکل بیکار تھا۔ معاف کیجیے گا میں نے لفظ ٹنٹا استعمال کیا۔ مگر اس کا کوئی حرج نہیں۔ اس لیے کہ اردو زبان میں باہر کے الفاظ آنے ہی چاہئیں۔ چاہے وہ گجراتی ہی کیوں نہ ہوں۔ جی ہاں میں بالکل بیکار تھا۔ لیکن کوکین کا تھوڑا سا کاروبار چل رہا تھا جس سے کچھ آمدن کی صورت ہو جاتی تھی۔ جب بٹوارہ ہوا اور ادھر کے آدمی ادھر اور اُدھر کے اِدھر ہزاروں کی تعداد میں آنے جانے لگے تو میں نے سوچا چلو پاکستان چلیں۔ کوکین کا نہ ہی کوئی اور کاروبار شروع کردوں گا۔ چنانچہ وہاں سے چل پڑا اور راستے میں مختلف قسم کے چھوٹے چھوٹے دھندے کرتا پاکستان پہنچ گیا۔ میں تو چلا ہی اس نیت سے تھا کہ کوئی موٹا کاروبارکروں گا۔ چنانچہ پاکستان پہنچتے ہی میں نے حالات کو اچھی طرح جانچا اور الاٹ منٹوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ سکہ پالش مجھے آتا ہی تھا۔ چکنی چیڑی باتیں کیں۔ ایک دو آدمیوں کے ساتھ یارانہ گانٹھا اور ایک چھوٹا سا مکان الاٹ کرالیا۔ اس سے کافی منافع ہوا تو میں مختلف شہروں میں پھر کر مکان اور دکانیں الاٹ کرانے کا دھندا کرانے لگا۔ کام کوئی بھی ہو انسان کو محنت کرنا پڑتی ہے۔ مجھے بھی چنانچہ الاٹ منٹوں کے سلسلے میں کافی تگ و دو کرنا پڑتی۔ کسی کے مسکہ لگایا۔ کسی کی مٹھی گرم کی، کسی کو کھانے کی دعوت، کسی کو ناچ رنگ کی، غرضیکہ بے شمار بکھیڑے تھے۔ دن بھر خاک چھانتا، بڑی بڑی کوٹھیوں کے پھیرے کرتا اور شہر کا چپہ چپہ دیکھ کر اچھا سا مکان تلا کرتا جس کے الاٹ کرانے سے زیادہ منافع ہو۔ انسان کی محنت کبھی خالی نہیں جاتی۔ چنانچہ ایک برس کے اندر اندرمیں نے لاکھوں روپے پیدا کرلیے۔ اب خدا کا دیا سب کچھ تھا۔ رہنے کا بہترین کوٹھی۔ بینک میں بے اندازہ مال پانی۔ معاف کیجیے گا۔ میں کاٹھیا واڑ گجرات کا روز مرہ استعمال کرگیا۔ مگر کوئی واندہ نہیں۔ اردو زبان میں باہر کے الفاظ بھی شامل ہونے چاہئیں۔ جی ہاں، اللہ کا دیا سب کچھ تھا۔ رہنے کو بہترین کوٹھی، نوکر چار، پیکارڈ موٹر بینک میں ڈھائی لاکھ روپے۔ کارخانے اور دکانیں الگ۔ یہ سب کچھ تھا۔ لیکن میرے دل کا چین جانے کہاں اڑ گیا۔ یوں تو کوکین کا دھندا کرتے ہوئے بھی دل پر کبھی کبھی بوجھ محسوس ہوتا تھا۔ لیکن اب تو جیسے دل رہا ہی نہیں تھا۔ یا پھر یوں کہئے کہ بوجھ اتنا آن پڑا کہ دل اس کے نیچے دب گیا۔ پر یہ بوجھ کس بات کا تھا؟ آدمی ذہین ہوں، دماغ میں کوئی سوال پیدا ہو جائے تو میں اس کا جواب ڈھونڈ ہی نکالتا ہوں۔ ٹھنڈے دل سے(حالانکہ دل کا کچھ پتا ہی نہیں تھا) میں نے غور کرنا شروع کیا کہ اس گڑبڑ گھوٹالے کی وجہ کیا ہے؟ عورت؟۔ ہو سکتی ہے۔ میری اپنی تو کوئی تھی نہیں۔ جو تھی وہ کاٹھیا وار گجرات ہی میں اللہ کو پیاری ہو گئی تھی۔ لیکن دوسروں کی عورتیں موجود تھیں۔ مثال کے طور پر اپنے مالی ہی کی تھی۔ اپنا اپنا ٹیسٹ ہے۔ سچ پوچھیے تو عورت جوان ہونی چاہیے اور یہ ضروری نہیں کہ پڑھی لکھی ہو، ڈانس کرنا جانتی ہو۔ اپن کو تو ساری جوان عورتیں چلتی ہیں(کاٹھیا واڑ گجرات کا محاورہ ہے جس کا اردو میں نعم البدل موجود نہیں) عورت کا تو سوال ہی اٹھ گیا اور دولت کا پیدا ہی نہیں ہوسکتا۔ اس لیے کہ بندہ زیادہ لالچی نہیں جو کچھ ہے اسی پر قناعت ہے۔ لیکن پھر یہ دل والی بات کیوں پیدا ہو گئی تھی۔ آدمی ذہین ہوں۔ کوئی مسئلہ سامنے آجائے تو اس کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کارخانے چل رہے تھے۔ دکانیں بھی چل رہی تھیں۔ روپیہ اپنے آپ پیدا ہورہا تھا۔ میں نے الگ تھلگ ہو کر سوچنا شروع کیا اور بہت دیر کے بعد اس نتیجے پرپہنچا کہ دل کی گڑ بڑ صرف اس لیے ہے کہ میں نے کوئی نیک کام نہیں کیا۔ کاٹھیا واڑ گجرات میں تو میں نے بیسیوں نیک کام کیے تھے۔ مثال کے طورپر جب میرا دوست پانڈورنگ مر گیا تو میں نے اس کی رانڈ کو اپنے گھر ڈال لیا اور دو برس تک اس کو دھندا کرنے سے روکے رکھا۔ وناٹک کی لکڑی کی ٹانگ ٹوٹ گئی تو اسے نئی خرید دی۔ تقریباً چالیس روپے اس پر اٹھ گئے تھے۔ جمنا بائی کو گرمی ہو گئی سالی۔ (معاف کیجیے گا) کچھ پتا ہی نہیں۔ میں اسے ڈاکٹر کے پاس لے گیا۔ چھ مہینے برابر اس کا علاج کراتا رہا۔ لیکن پاکستان آکر میں نے کوئی نیک کام نہیں کیا تھا اور دل کی گڑ بڑ کی یہی وجہ تھی۔ ورنہ اور سب ٹھیک تھا۔ میں نے سوچا۔ کیا کروں؟۔ خیرات دینے کا خیال آیا۔ لیکن ایک روز شہر میں گھوما تو دیکھا کہ قریب قریب ہر شخص بھکاری ہے۔ کوئی بھوکا ہے۔ کوئی ننگا۔ کِس کِس کا پیٹ بھروں، کس کس کا انگ ڈھانکوں؟۔ سوچا ایک لنگر خانہ کھول دوں لیکن ایک لنگر خانے سے کیا ہوتا اور پھر اناج کہاں سے لاتا؟ بلیک مارکیٹ سے خریدنے کا خیال پیدا ہوا تو یہ سوال بھی ساتھ ہی پیدا ہو گیا کہ ایک طرف گناہ کرکے دوسری طرف کارِ ثواب کا مطلب ہی کیا ہے۔ ؟ گھنٹوں بیٹھ بیٹھ کر میں نے لوگوں کے دکھ درد سنے۔ سچ پوچھیے تو ہر شخص دکھی تھا۔ وہ بھی جو دکانوں کے تھڑوں پر سوتے ہیں اور وہ بھی جو اونچی اونچی حویلیوں میں رہتے ہیں۔ پیدل چلنے والے کو یہ دکھ تھا کہ اس کے پاس کام کا کوئی جوتا نہیں۔ موٹر میں بیٹھنے والے کو یہ دکھ تھا کہ اس کے پاس کار کا نیا ماڈل نہیں۔ ہر شخص کی شکایت اپنی اپنی جگہ درست تھی۔ ہر شخص کی حاجت اپنی اپنی جگہ معقول تھی۔ میں نے غالب کی ایک غزل اللہ بخشے شولاپور کی امینہ بائی چتلے کر سے سنی تھی۔ ایک شعر یاد رہ گیا ہے ؂ کِس کی حاجت روا کرے کوئی۔ معاف کیجیے گا یہ اس کا دوسرا مصرعہ ہے اور ہو سکتا ہے پہلا ہی ہو۔ جی ہاں، میں کس کس کی حاجت روا کرتا جب سو میں سے سو ہی حاجت مند تھے۔ میں نے پھر یہ بھی سوچا کہ خیرات دینا کوئی اچھا کام نہیں۔ ممکن ہے آپ مجھ سے اتفاق نہ کریں۔ لیکن میں نے مہاجرین کے کیمپوں میں جا جا کر جب حالات کا اچھی طرح جائزہ لیا۔ تو مجھے معلوم ہوا۔ کہ خیرات نے بہت سے مہاجرین کو بالکل ہی نکما بنا دیا ہے۔ دن بھر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ تاش کھیل رہے ہیں۔ جگار ہورہی ہے( معاف کیجیے گا جُگار کا مطلب ہے جواء یعنی قمار بازی) گالیاں بک رہے ہیں اور فوگٹ یعنی مفت کی روٹیاں توڑ رہے ہیں۔ ایسے لوگ بھلا پاکستان کو مضبوط بنانے میں کیا مدد دے سکتے ہیں۔ چنانچہ میں اسی نتیجہ پر پہنچا کہ بھیج دینا ہرگز ہرگز نیکی کا کام نہیں۔ لیکن پھر نیکی کے کام کے لیے اور کون سا رستہ ہے؟ کیمپوں میں دھڑا دھڑ آدمی مررہے تھے۔ کبھی ہیضہ پھوٹتا تھا کبھی پلیگ۔ ہسپتالوں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی۔ مجھے بہت ترس آیا۔ قریب تھا کہ ایک ہسپتال بنوا دوں مگر سوچنے پر ارادہ ترک کردیا۔ پوری اسکیم تیار کر چکا تھا۔ عمارت کے لیے ٹینڈر طلب کرتا۔ داخلے کی فیسوں کا روپیہ جمع ہو جاتا۔ اپنی ہی ایک کمپنی کھڑی کردیتا اور ٹنڈراس کے نام نکال دیتا۔ خیال تھا ایک لاکھ روپے عمارت پرصرف کروں گا۔ ظاہر ہے کہ ستر ہزارروپے میں بلڈنگ کھڑی کردینا اور پورے تیس ہزار بچا لیتا مگر یہ ساری اسکیم دھری کی دھری رہ گئی۔ جب میں نے سوچا کہ اگر مرنے والوں کو بچا لیا گیا تو یہ جو زائد آبادی ہے وہ کیسے کم ہو گی۔ غور کیا جائے تویہ سارا لفڑا ہی فالتو آبادی کا ہے۔ لفڑا کا مطلب ہے جھگڑا، وہ جھگڑا جس میں فضیحتا بھی ہو۔ لیکن اس سے بھی اس لفظ کی پوری معنویت میں بیان نہیں کرسکا۔ جی ہاں غور کیا جائے تو یہ سارا لفڑا ہی اس فالتو آبادی کا باعث ہے۔ اب لوگ بڑھتے جائیں گے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ زمینیں بھی ساتھ ساتھ بڑھتی جائیں گی۔ آسمان بھی ساتھ ساتھ پھیلنا جائے گا۔ بارشیں زیادہ ہوں گی۔ اناج زیادہ اگے گا۔ اس لیے میں اس نتیجے پرپہنچا۔ کہ ہسپتال بنانا ہرگز ہرگز نیک کام نہیں۔ پھر سوچا مسجد بنوا دوں۔ لیکن اللہ بخشے شولا پور کی امینہ بائی چلتے کر کا گایا ہوا ایک شعر یاد آگیا ؂ نام منجور ہے تو فیج کے اسباب بنا۔ وہ منظور کو منجور اور فیض کو فیج کہا کرتی تھی۔ نام منظور ہے تو فیض کے اسباب بنا۔ پل بنا چاہ بنا مسجد و تالاب بنا۔ کس کم بخت کو نام و نمود کی خواہش ہے۔ وہ جو نام اچھالنے کے لیے پل بناتے ہیں۔ نیکی کا کیا کام کرتے ہیں؟۔ خاک!۔ میں نے کہا نہیں یہ مسجد بنوانے کا خیال بالکل غلط ہے۔ بہت سی الگ الگ مسجدوں کا ہونا بھی قوم کے حق میں ہرگز مفید نہیں ہوسکتا۔ اس لیے کہ عوام بٹ جاتے ہیں۔ تھک ہار کر میں حج کی تیاریاں کررہا تھا کہ اللہ میاں نے مجھے خود ہی ایک راستہ بتا دیا۔ شہر میں ایک جلسہ ہوا۔ جب ختم ہوا تو لوگوں میں بدنظمی پھیل گئی۔ اتنی بھگدڑ مچی کہ تیس آدمی ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے کی خبر دوسرے روز اخباروں میں چھپی تو معلوم ہوا کہ وہ ہلاک نہیں بلکہ شہید ہوئے تھے۔ میں نے سوچنا شروع کیا۔ سوچنے کے علاوہ میں کئی مولویوں سے ملا۔ معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو اچانک حادثوں کا شکار ہوتے ہیں۔ انھیں شہادت کا رتبہ ملتا ہے یعنی وہ رتبہ جس سے بڑا کوئی اور رتبہ ہی نہیں۔ میں نے سوچا کہ اگر لوگ مرنے کی بجائے شہید ہوا کریں تو کتنا اچھا ہے۔ وہ جو عام موت مرتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ان کی موت بالکل کارت جاتی ہے۔ اگر وہ شہید ہو جاتے تو کوئی بات بنتی۔ میں نے اس باریک بات پر اور غور کرنا شروع کیا۔ چاروں طرف جدھر دیکھو خستہ حال انسان تھے۔ چہرے زرد، فکر و تردد اور غم روزگار کے بوجھ تلے پسے ہوئے۔ دھنسی ہوئی آنکھیں بے جان چال۔ کپڑے تار تار ریل گاڑی کے کنڈم مال کی طرح یا تو کسی ٹوٹے پھوٹے جھونپڑے میں پڑے ہیں یا بازاروں میں بے مالک مویشیوں کی طرح منہ اٹھائے بے مطلب گھوم رہے ہیں۔ کیوں جی رہے ہیں۔ کس کے لیے جی رہے ہیں اور کیسے جی رہے ہیں۔ اس کا کچھ پتہ نہیں۔ کوئی وبا پھیلی۔ ہزاروں لوگ مر گئے اور کچھ نہیں تو بھوک اور پیاس ہی سے گھل گھل رہے۔ سردیوں میں اکڑ گئے۔ گرمیوں میں سوکھ گئے۔ کسی کی موت پر کسی نے دوآنسو بہا دیے اکثریت کی موت خشک ہی رہی۔ زندگی سمجھ میں نہ آئی، ٹھیک ہے۔ اس سے حظ نہ اٹھایا، یہ بھی ٹھیک ہے۔ وہ کس کا شعر ہے۔ اللہ بخشے شولاپور کی امینہ بائی چتلے کر کیا درد بھری آواز میں گایا کرتی تھی ؂ مرکے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے۔ میرا مطلب ہے اگر مرنے کے بعد بھی زندگی نہ سدھری تو لعنت ہے سُسری پر۔ میں نے سوچا کیوں نہ بیچارے، یہ قسمت کے مارے، درد کے ٹھکرائے ہوئے انسان جو اس دنیا میں ہر اچھی چیز کے لیے ترستے ہیں۔ اس دنیا میں ایسا رتبہ حاصل کریں کہ جو وہ یہاں ان کی طرف نگاہ اٹھانا پسند نہیں کرتے۔ وہاں ان کو دیکھیں اور رشک کریں۔ اس کی ایک ہی صورت تھی کہ وہ عام موت نہ مریں بلکہ شہید ہوں۔ اب سوال یہ تھا کہ یہ لوگ شہید ہونے کے لیے راضی ہوں گے؟ میں نے سوچا، کیوں نہیں۔ وہ کون مسلمان ہے جس میں ذوقِ شہادت نہیں۔ مسلمانوں کی دیکھا دیکھی تو ہندوؤں اور سکھوں میں بھی یہ رتبہ پیدا کردیا گیا ہے۔ لیکن مجھے سخت ناامیدی ہوئی جب میں نے ایک مریل سے آدمی سے پوچھا۔

’’کیا تم شہید ہونا چاہتے ہو؟‘‘

تو اس نے جواب دیا۔

’’نہیں۔ ‘‘

سمجھ میں نہ آیا کہ وہ شخص جی کر کیا کرے گا۔ میں نے اسے بہت سمجھایا کہ دیکھو بڑے میاں، زیادہ سے زیادہ، زیادہ سے زیادہ تم ڈیڑھ مہینہ اور جیو گے چلنے کی تم میں سکت نہیں۔ کھانستے کھانستے غوطے میں جاتے ہو تو ایسا لگتا ہے کہ بس دم نکل گیا۔ پھوٹی کوڑی تک تمہارے پاس نہیں۔ زندگی بھر تم نے سکھ نہیں دیکھا۔ مستقبل کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا پھر اور جی کر کیا کرو گے۔ فوج میں تم بھرتی نہیں ہوسکتے۔ اس لیے محاذ پر اپنے وطن کی خاطر لڑتے لڑتے جان دینے کا خیال بھی عبث ہے۔ اس لیے کیا یہ بہتر نہیں کہ تم کوشش کرکے یہیں بازار میں یا دیرے میں جہاں تم رات کو سوتے ہو، اپنی شہادت کا بندوبست کرلو۔ اس نے پوچھا۔

’’یہ کیسے ہوسکتا ہے؟‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’یہ سامنے کیلے کا چھلکا پڑا ہے۔ فرض کرلیا جائے کہ تم اس پر سے پھسل جاؤ۔ ظاہر ہے کہ تم مر جاؤ گے اور شہادت کا رتبہ پاؤ گے۔ ‘‘

یہ بات اس کی سمجھ میں نہ آئی۔ کہنے لگا۔

’’میں کیوں آنکھوں دیکھے کیلے کے چھلکے پر پاؤں دھرنے لگا۔ کیا مجھے اپنی عزیز نہیں‘‘

۔ اللہ اللہ کیا جان تھی۔ ہڈیوں کا ڈھانچا جھریوں کی گٹھڑی!! مجھے بہت افسسوس ہوا اور اس وقت اور بھی زیادہ ہوا۔ جب میں نے سنا کہ وہ کم بخت جو بڑی آسانی سے شہادت کا رتبہ اختیار کرسکتا تھا۔ خیراتی ہسپتال میں لوہے کی چارپائی پر کھانستا کھنکارتا مر گیا۔ ایک بڑھیا تھی منہ میں دانت نہ پیٹ میں آنت۔ آخری سانس لے رہی تھی مجھے بہت ترس آیا۔ ساری عمر غریب کی مفلسی اوررنج و غم میں گزری تھی۔ میں اسے اٹھا کر ریل کے پاٹے پر لے گیا۔ معاف کیجیے گا۔ ہمارے یہاں پٹڑی کو پاٹا کہتے ہیں۔ لیکن جناب جونہی اس نے ٹرین کی آواز سنی۔ ہوش میں آگئی اور کُوک بھرے کھلونے کی طرح اٹھ کر بھاگ گئی۔ میرا دل ٹوٹ گیا۔ لیکن پھر بھی میں نے ہمت نہ ہاری۔ بنیا کا بیٹا اپنی دھن کا پکا ہوتا ہے۔ نیکی کا جو صاف اور سیدھا راستہ مجھے نظر آیا تھا۔ میں نے اس کو اپنی آنکھ سے اوجھل نہ ہونے دیا۔ مغلوں کے وقت کا ایک بہت بڑا احاطہ خالی پڑا تھا۔ اس میں ایک سو اکاون چھوٹے چھوٹے کمرے تھے۔ بہت ہی خستہ حالت میں۔ میری تجربہ کار آنکھوں نے اندازہ لگا لیا کہ پہلی ہی بڑی بارش میں سب کی چھتیں ڈھے جائیں گی۔ چنانچہ میں نے اس احاطے کو ساڑھے دس ہزار روپے میں خرید لیا اور اس میں ایک ہزار مفلوک الحال آدمی بسا دیے۔ دو مہینے کرایہ وصول کیا۔ ایک روپیہ ماہوار کے حساب سے۔ تیسرے مہینے جیسا کہ میرا اندازہ تھا۔ پہلی ہی بڑی بارش میں سب کمروں کی چھتیں نیچے آرہیں اور سات سو آدمی جن میں بچے بوڑھے سبھی شامل تھے۔ شہید ہو گئے۔ وہ جو میرے دل پر بوجھ سا تھا کسی قدر ہلکا ہو گیا۔ آبادی میں سے سات سو آدمی کم بھی ہو گئے۔ لیکن انھیں شہادت کا رتبہ بھی مل گیا۔ ادھر کا پلڑا بھاری ہی رہا۔ جب سے میں یہی کام کررہا ہوں۔ ہرروز حسبِ توفیق دو تین آدمیوں کو جامِ شہادت پلا دیتا ہوں۔ جیسا کہ میں عرض کرچکا ہوں۔ کام کوئی بھی ہو انسان کو محنت کرنا ہی پڑتی ہے۔ اللہ بخشے شولاپور کی امینہ بائی چتلے کر ایک شعر گایا کرتی تھی۔ لیکن معاف کیجیے گا وہ شعر یہاں ٹھیک نہیں بیھٹتا۔ کچھ بھی ہو، کہنا یہ ہے کہ مجھے کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔ مثال کے طور پر ایک آدمی کو جس کا وجود چھکڑے کے پانچویں پہئے کی طرح بے معنی اور بیکار تھا۔ جام شہادت پلانے کے لیے مجھے پورے دس دن جگہ جگہ کیلے کے چھلکے گرانے پڑے لیکن موت کی طرح جہاں تک میں سمجھتا ہوں شہادت کا بھی ایک دن مقرر ہے۔ دسویں روز جا کروہ پتھریلے فرش پر کیلے کے چھلکے پر سے پھسلا اور شہید ہوا۔ آج کل میں ایک بہت بڑی عمارت بنوا رہا ہوں۔ ٹھیکہ میری ہی کمپنی کے پاس ہے دو لاکھ کا ہے۔ اس میں سے پچھتر ہزار تو میں صاف اپنی جیب میں ڈال لوں گا۔ بیمہ بھی کرالیا ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ جب تیسری منزل کھڑی کی جائے گی تو ساری بلڈنگ اڑا ڑا دھڑام گر پڑے گی۔ کیونکہ مصالحہ ہی میں نے ایسا لگوایا ہے۔ اس وقت تین سو مزدور کام پر لگے ہوں گے۔ خدا کے گھر سے مجھے پوری پوری امید ہے کہ یہ سب کے سب شہید ہو جائیں گے۔ لیکن اگر کوئی بچ گیا تو اس کا یہ مطلب ہو گا کہ پرلے درجے کا گناہگار ہے جس کی شہادت اللہ تبارک تعالیٰ کو منظور نہیں تھی۔

سعادت حسن منٹو

شہ نشین پر

وہ سفید سلمہ لگی ساڑی میں شہ نشین پر آئی اور ایسا معلوم ہُوا کہ کسی نے نقرئی تاروں والا انار چھوڑ دیا ہے۔ ساڑی کے تھرکتے ہُوئے ریشمی کپڑے پر جب جگہ جگہ سلمہ کا کام ٹمٹمانے لگتا تو مجھے جسم پر وہ تمام ٹمٹماہٹیں گدگدی کرتی محسوس ہوتیں۔۔۔۔۔۔۔ وہ خود ایک عرصہ سے میرے لیے گدگدی بنی ہوئی تھی۔ میں اس کو تقریباً دو سو مرتبہ دیکھ چکا ہوں۔ اور ان تمام درشنوں کے نقوش علیحدہ علیحدہ میرے دل و دماغ پر مرتسم ہیں۔ ایک بار میں نے اسے صحن میں تیتری کے پیچھے دوڑتے دیکھا تھا۔ ایک لمحے کے لیے وہ میری نگاہوں کے سامنے آئی اور گزر گئی۔ اور جب کبھی میں اس واقعہ کو یاد کرتا ہوں تو مجھے اپنے دل میں ایک ایسے پرندے کی پھڑپھڑاہٹ سنائی دیتی ہے۔ جو ڈر کر ایکا ایکی اُڑجائے۔ اسی طرح ایک روز میں نے اسے شہ نشین پر دھوپ میں اپنے گیلے بال جھٹکتے دیکھا تھا۔ اور اب میں جس وقت اس تصویر کو اپنے ذہن کے پردے پر کھینچتا ہوں تو مجھے کبھی سیاہی نظر آتی ہے اور کبھی اُجالا۔ میں اس کو اتنا دیکھ چکا ہوں کہ اب میں اس کے سامنے آئے بغیر اسے جب چاہوں دیکھ سکتا ہوں۔ پہلے پہل مجھے اس کام میں دقّت محسوس ہوئی تھی مگر اب کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ ابھی کل شام کو جب مجھے ایک دوست کے یہاں بیٹھے بیٹھے اُسے دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی تھی۔ تو میں نے آنکھیں بند کیے بغیر اسے اپنے سامنے لا کھڑا کیا۔ وہ ہوبہو ویسی تھی جیسی کہ وہ ہے اور اس بات کا نہ میرے دوست کو پتہ چلا اور نہ اس کی بہن کو جو میرے سامنے کرسی پر بیٹھی تھی۔ میں نے ایک لمحے کے لیے اسے اپنے ذہن کی ڈبیا میں سے نکال کر دیکھا۔ اور فوراً ہی وہیں بند کر دیا۔ کسی کو معلوم تک نہ ہوا۔ کہ میں نے کیا کر دیا ہے۔ اس کو دیکھنے کے بعد میں نے یوں سلسلہ کلام شروع کیا۔ گویا میرا ذہن ایک لمحے کے لیے بھی غیر حاضر نہ ہوا تھا۔۔۔۔

’’جی ہاں سوکھی ہوئی مچھلیوں سے سخت بُو آتی ہے۔ نہ جانے یہ لوگ انھیں کھاتے کس طرح ہیں۔ میری تو ناک۔۔۔۔۔۔‘‘

اور اس کے بعد مختلف قسم کی ناکوں پر گفتگو شروع ہو گئی تھی۔ اس کی ناک مجھے بہت پسند ہے۔ میرے پاس ہلکے گلابی رنگ کاٹی سیٹ ہے جو مجھے صرف اس لیے عزیز ہے کہ اس کی پیالیوں کی دستی اس کی ناک سے ملتی جلتی ہے۔ آپ ہنسیں گے۔ مگر۔۔۔۔۔ ایک روز صبح کو جب میں نے اسے قریب سے دیکھا تو میرے دل میں عجیب و غریب خواہش پیدا ہُوئی کہ اس کی ناک پکڑ کر اس کے ہونٹوں کا رس پی لُوں۔ اس کے ہونٹ مجھے پیارے لگتے تھے۔ شاید اس لیے کہ وہ ہر وقت نم آلود رہتے تھے۔ یہ نمی ان میں سنگترے کی لڑیوں کی مانند چمک پیدا کر دیتی تھی۔ ان کے چومنے کی خواہش اگر میرے دل میں پیدا ہوتی تھی تو اس کا باعث یہ نہ تھا۔ کہ میں نے کتابوں میں پڑھا تھا۔ اور لوگوں سے سُنا تھا کے عورتوں کے ہونٹ چومے جاتے ہیں۔۔۔۔۔اگر مجھے یہ علم نہ ہوتا تو بھی میرے دل میں ان کو چومنے کی خواہش پیدا ہوتی اس کے ہونٹ ہی کچھ اس قسم کے تھے کہ وہ ایک نامکمل بوسہ معلوم ہوتے تھے۔ وہ میرے ہمسائے ڈاکٹر کی اکلوتی لڑکی تھی۔ سارا دن وہ نیچے اپنے باپ کی ڈسپنسری میں بیٹھی رہتی۔ کبھی کبھی جب میں اُسے بازار سے گزرتے ہوئے شیشوں میں سے دوائیوں کی الماری کے پاس کھڑی دیکھتا۔ تو مجھے وہ ایک لمبی گردن والی بوتل دکھائی دیتی جس میں کوئی خوش رنگ سیال مادہ اُبل رہا ہو۔ ایک روز میں ڈسپنسری میں ڈاکٹر صاحب سے دوا لینے کے لیے گیا۔ مجھے زکام کی شکایت تھی۔ ڈاکٹر صاحب نے اُس سے کہا۔

’’بیٹا! ان کے رومال پر یو کلپٹس آئیل کے چند قطرے ٹپکا دو۔ ‘‘

اُس نے میرا رومال لیا۔ اور الماری میں سے ایک چھوٹی سی بوتل نکال کر دوا کے قطرے ٹپکانے لگی۔ اس وقت میرے جی میں آئی کہ اٹھ کر اس کا ہاتھ تھام لوں اور کہوں۔ اس شیشی کو بند کر دیجیے اگر آپ اپنی آنکھوں کا ایک آنسو مجھے عنایت فرما دیں۔ تو میری بہت سی بیماریاں دُور ہو جائیں۔ ‘‘

لیکن میں خاموش بیٹھا دوا کے ان کے سفید قطروں کی طرف دیکھتا رہا۔ جو میرے رومال میں جذب ہو رہے تھے۔ جب سے میں نے اُسے دیکھنا شروع کیا ہے۔ میری دلی خواہش رہی ہے کہ وہ روئے اور میں اس کی آنکھوں میں آنسو تیرتے ہوئے دیکھوں۔ میں نے تصّور میں کئی مرتبہ اس کی آنکھوں کو نمناک دیکھا ہے اور غالباً یہی وجہ ہے کہ میں اُسے سچ مچ روتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ اس کی گھنی پلکوں میں پھنسے ہوئے آنسو بہت اچھے معلوم ہوں گے۔ چق پر سے جب بارش کے قطرے رُک رُک کر نیچے پھسل رہے ہوں تو کتنے دلفریب دکھائی دیا کرتے ہیں۔ ممکن ہے عورت کی آنکھوں میں آپ آنسو ضروری خیال نہ کریں۔ پر میں آنسوؤں کو ہٹا کر عورت کی آنکھوں کا تصّور ہی نہیں کر سکتا۔ آنسو آنکھوں کا پسینہ ہے اور مزدور کی پیشانی صرف اسی صورت میں مزدور کی پیشانی ہو سکتی ہے۔ جب اس پر پسینے کے قطرے چمک رہے ہوں۔ اور عورت کی آنکھیں صرف اسی صورت میں عورت کی آنکھیں ہو سکتی ہیں۔ جب آنسوؤں سے ڈبڈبائی رہتی ہوں۔ وہ سفید سلمہ لگی ساڑی میں شہ نشین پر آئی اور ایسا معلوم ہوا کہ کسی نے نقرئی تاروں والا انار چھوڑ دیا ہے۔ ساڑی کے تھرکتے ہُوئے ریشمی کپڑے پر جگہ جگہ سلمے کا کام ٹمٹما رہا تھا۔ اور مجھے اپنے جسم پر گدگدی ہو رہی تھی۔ اس نے ایکا ایکی پلٹ کر میری طرف دیکھا۔ گویا اس کو فوراً ہی اس بات کا احساس ہوا کہ اس کے علاوہ رات کی خاموشی میں کوٹھے پر کوئی اور متنفس بھی ہے۔۔۔۔۔اس کی آنکھیں۔۔۔۔۔۔ اس کی آنکھیں دو موتی رول رہی تھیں۔۔۔۔۔۔۔ وہ رو رہی تھی۔۔۔۔۔ وہ ۔۔۔۔۔۔۔ وہ رو رہی تھی۔۔۔۔۔ میرے دیکھتے دیکھتے اور قبل اس کے کہ میں کچھ کر سکوں۔ اس کی آنکھوں سے اس کے شباب کے پہلے پسینے کے قطرے چھلکے اور۔۔۔۔۔۔ سنگین فرش پر پھسل گئے۔ وہ میری خلل انداز نگاہوں کی تاب نہ لا سکے۔ وہ دراصل چپ چاپ دوسروں کو خبر کیے بغیر نوزائیدہ بچوں کے مانند تھوڑی دیر ان دو نرم و نازک پنگوڑوں میں لیٹے رہنا چاہتے تھے۔ مگر میری نگاہوں کے شور سے مچل گئے۔ وہ رو رہی تھی۔ پر میں خوش تھا۔ اس کی نم آلود آنکھیں کہرے میں لپٹی ہوئی جھیلیں معلوم ہوتی تھیں۔ بڑی پُر اسرار بڑی فکر خیز، پانی کی پتلی سی تہ کے نیچے اس کی آنکھوں کی سفیدی اور سیاہی۔ ان ننھی ننھی مچھلیوں کی مانند جھلملا رہی تھیں۔ جو پانی کے اوپر آنے سے ڈرتی ہوں۔ میں نے اس کو دیکھنا چھوڑ کر اس کی آنکھوں کو دیکھنا شروع کر دیا۔ جس طرح دسمبر کی سرد اور گیلی رات میں کھلی فضا کے اندر دودئیے جل رہے ہوں۔ اس کی آنکھیں دُور سے بہت دور سے مجھے دیکھتی رہیں۔ میں نے ان کی طرف بڑھنا شروع کیا۔۔۔۔۔ دو آنسو بنے، گھنی پلکوں میں تھوڑی دیر پھنسے رہے۔ پھر آہستہ آہستہ اس کے زرد گالوں پر ڈھلک گئے۔ داہنی آنکھ میں ایک اور آنسو بنا، باہر نکلا۔۔۔۔۔ گال کی ہڈی پر تھوڑ ی دیر کے لیے اس مسافر کی طرح جس کی منزل قریب ہو، ایک لحظے کے لیے سستایا اور پھسل کر تیزی سے اس کے لبوں کے ایک گوشے کے قریب سے ہو کر آگے دوڑنے والا ہی تھا کہ ہونٹوں کی نمی نے اُسے اپنی طرف کھینچ لیا۔ اور وہ ایک پتلی سی دھار بن کر پھسل گیا۔ دُھلی ہُوئی آنکھوں سے اس نے میری طرف غور سے دیکھا۔ اور پوچھا۔

’’تم کون ہو؟‘‘

وہ جانتی تھی کہ میں کون ہُوں۔ اور یہ پوچھتے ہُوئے کہ میں کون ہُوں۔ وہ میرے بارے میں کچھ دریافت نہ کر رہی تھی۔ بلکہ وہ یہ پوچھ رہی تھی کہ وہ خود کون ہے۔ میں نے جواب دیا۔

’’تم شیلا ہو۔ ‘‘

اُس کے بھنچے ہُوئے ہونٹ ایک خفیف ارتعاش کے ساتھ کھلے اور وہ سسکیوں میں کہنے لگی۔

’’شیلا۔۔۔۔ شیلا۔۔۔۔۔ شی۔ ‘‘

وہ شہ نشین پر بیٹھ گئی۔ وہ تھکی ہُوئی معلوم ہوتی تھی۔ لیکن ایکا ایکی اُسے کچھ خیال آیا اور جو خواب وہ دیکھ رہی تھی۔ اسے اپنے دماغ سے جھٹک کر اُٹھ کھڑی ہوئی اور گھبرائے لہجے میں کہنے لگی۔۔۔۔ مَیں ۔۔۔۔۔ مَیں۔۔۔۔۔ کیا کہہ رہی تھی؟ ۔۔۔۔۔۔ مجھے کچھ نہیں ہوا۔۔۔۔۔ میں اچھی ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور میں یہاں کیسے چلی آئی؟‘‘

میں نے اسے بڑے تسلی آمیز لہجے میں کہا۔

’’گھبراؤ نہیں شیلا۔۔۔۔۔ تم نے مجھ سے کچھ نہیں کہا۔۔۔۔۔۔ ایسی باتیں نہ کہی جاتی ہیں اور نہ سُنی جاتی ہیں۔ ‘‘

شیلا نے اس انداز سے میری جانب دیکھا۔ گویا میں نے اس کی کوئی چوری پکڑ لی ہے کیسی باتیں؟ ۔۔۔۔۔ کیسی باتیں؟ ۔۔۔۔۔ کوئی بات بھی تو ہو!‘‘

میں نے اس سے کہا۔

’’پرسوں جب تم نیچے ڈسپنسری میں لال لال جِیب نکال کر طوطے سے کھیل رہی تھیں۔ اور تمہاری بلّوریں انگلیاں بوتلوں سے ٹکرا کر ایک عجیب قسم کی جھنکار پیدا کر رہی تھیں۔ اس وقت تم ایک نامکمل عورت تھیں۔ پر آج جبکہ تمہاری آنکھیں رور رہی ہیں۔ تم مکمل عورت بن گئی ہو۔ کیا تمہیں یہ فرق محسوس نہیں ہوتا؟ ہوتا ہے، ضرور ہوتا ہے۔ وہ چیز جو کل تھی آج تم میں نہیں ہے اور جو آج ہے کل نہ رہے گی۔ پر وہ داغ جو مسّرت کا گرم لوہا تمہارے دل پر لگا گیا ہے۔ ہمیشہ ویسے کا ویسا رہے گا۔۔۔۔۔ یہ کتنی اچھی بات ہے۔۔۔۔۔ تمہاری زندگی میں ایک ایسی چیز تو ہو گی۔ جو ساری کی ساری تمہاری ہو گی۔۔۔۔۔۔ ایک ایسی چیز جس کی ملکیت پر کسی کو رشک نہیں ہو سکتا۔۔۔۔۔۔۔ کاش میرا دل تمہارا دل ہوتا۔۔۔۔۔ کسی عورت کا دل ہوتا۔۔۔۔۔۔ جو ایک ہی داغ کو کافی سمجھتا ہے۔۔۔۔۔ عورت کے دل کی آبادی میں کئی ویرانے سما سکتے ہیں۔۔۔۔۔ ویرانوں کا یہ ہجوم بجائے خود ایک آبادی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تم خوش قسمت ہو۔۔۔۔۔۔۔ وہ دن جس کے لیے تمہیں انتظار کرنا پڑتا۔ تم نے بہت جلد دیکھ لیا۔۔۔۔۔ تم خوش قسمت ہو۔ ‘‘

وہ میری طرف اس مرغی کی طرح حیرت سے دیکھنے لگی جس نے پہلی بار انڈا دیا ہو۔ وہ اپنے کو ٹٹولنے لگی۔

’’خوش قسمت!۔۔۔۔۔۔۔ میں خوش قسمت۔۔۔۔۔۔۔ وہ کیسے؟ ۔۔۔۔۔۔ آپ کو کیسے معلوم ہوا؟‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’جب پتنگ کٹ جائے اور کوٹھوں پر چڑھے ہُوئے لونڈے ڈور لُوٹنے کے لیے شور مچانا شروع کر دیں۔ تو کسی کے بتانے کی حاجت نہیں رہتی۔ کہ پتنگ کٹ گیا ہے۔۔۔۔ جو پتنگ تم نے ہوا کی بلندیوں میں اُڑایا تھا کہاں ہے؟ ۔۔۔۔۔۔ کل تک اس کی ڈور تمہارے ہاتھ میں تھی، پر آج نظر نہیں آتی!‘‘

اس کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔

’’۔۔۔۔۔۔۔ میں خوش قسمت ہوں‘‘

۔۔۔۔۔۔ آنسوؤں میں بھیگے ہُوئے لفظ اس کے مُنہ سے نکلے‘‘

میں خوش قسمت ہُوں۔۔۔۔۔ آپ ان لونڈوں سے جو ڈور لُوٹنے کے لیے کوٹھوں پر چڑھے رہتے ہیں، کم شور نہیں مچا رہے۔۔۔۔۔۔۔‘‘

آنسو اتنی تیزی سے بہنے لگے۔ اس نے میری طرف اس بارش میں سے دیکھا اور کہا۔

’’میری آنکھوں سے آنسو نکال کر آپ کس کا حلق تر کرنا چاہتے ہیں۔۔۔۔۔ میں سب جانتی ہوں۔ یہ سوئیاں آپ مجھے کیوں چبھو رہے ہیں۔ ‘‘

اُس نے نفرت سے منہ پھیر لیا۔ اس کی عقل اس وقت اس چاقو کے پھل کی مانند تھی۔ جسے ضرورت سے زیادہ سان پر لگایا گیا ہو۔ میں نے اس سے بڑے اطمینان سے کہا۔

’’جو کچھ ہو چکا ہے۔ اس کا مجھے علم ہے۔ اور اگر اس وقت میں تم سے یہ سب بھول جانے کے لیے کہتا۔ تم سے مصنوعی الفاظ میں ہمدردی کرتا۔ مداریوں کے مانند ایک ہاتھ میں تمہارا درد، تمہارا سارا غم لے کر چھُو منتر کے ذریعے سے غائب کر دیتا۔ تو تم یقیناًمجھے اپنا دوست مانتیں، پر میں ایسا نہیں کر سکتا۔۔۔۔۔۔ دل تمہارا ہے اور جو بھی اس پر گزرا ہے وہ تمہارا ہے۔ میں کیوں تمہارے دل کو اس نعمت سے محروم کروں، کیوں تمہیں اس درد کو بھول جانے کے لیے کہوں جو تمہارا سرمایہ ءِ حیات ہے۔ اسی درد پر اسی دُکھ دینے والے واقعہ پر جو بیت چکا ہے تمہیں اپنی زندگی کے آنے والے دنوں کی بنیادیں استوار کرنا ہوں گی۔۔۔۔۔ میں جھوٹ نہیں بولتا شیلا، پر اگر تم چاہتی ہو تو تمہاری تسکین کے لیے میں یہ بھی کر سکتا ہوں۔ بولو میں کیا کہوں؟‘‘

یہ سُن کر اس نے تیزی سے کہا۔

’’مجھے کسی کی ہمدردی کی ضرورت نہیں!‘‘

’’میں جانتا ہوں۔۔۔۔۔۔ ایسے حالات میں کسی کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہُوا کرتی۔۔۔۔۔۔ آگ کے اندر کودنے والے کھیل میں ہدایت دینے والے کی کیا ضرورت؟ ۔۔۔۔ پریم کی ارتھی کو دوسرے کے کاندھوں سے کیا سروکار، یہ لاش تو زندگی بھر ہمیں اپنے ہی کاندھوں پر اُٹھائے پھرنا ہو گی۔۔۔۔۔۔‘‘

وہ بیچ میں بول اُٹھی۔

’’اُٹھاؤں گی۔۔۔۔۔ آپ کو اس سے کیا۔۔۔۔۔۔ ایسی ایسی بھیانک باتیں سُنا کر آپ مجھے کس لیے ڈرانا چاہتے ہیں!۔۔۔۔۔۔۔ میں نے اس سے محبت کی۔۔۔۔۔ اور کیا میں اب بھی اُس سے محبت نہیں کرتی!۔۔۔۔۔۔ اُس نے مجھے دھوکا دیا ہے۔ میرے ساتھ فریب کیا ہے، پر یہ فریب اور دھوکا بھی تو اُسی نے دیا ہے جس سے میں محبت کرتی ہوں۔۔۔۔۔۔ میں جانتی ہوں کہ اُس نے میری زندگی برباد کر دی ہے۔ مجھے کہیں کا نہیں رکھا۔ لیکن پھر کیا ہُوا۔۔۔۔۔۔ میں نے ایک بازی کھیلی اور ہار گئی۔۔۔۔۔ آپ مجھے ڈرانا چاہتے ہیں، مجھے طعنے دینا چاہتے ہیں۔۔۔۔۔۔ مجھے۔۔۔۔۔۔۔ مجھے، جسے اب موت تک کی پروا نہیں رہی۔۔۔۔۔۔ میں نے موت کا نام لیا ہے اور۔۔۔۔۔۔ دیکھیے آپ کے بدن پر کپکپی دوڑ گئی ہے، آپ موت سے ڈرتے ہیں۔ مگر میری طرف دیکھیے میں موت سے نہیں ڈرتی!‘‘

میں نے اس کی طرف دیکھا، اُس کے لبوں پر ایک زبردستی کی مسکراہٹ ناچ رہی تھی۔ اس کی آنکھوں میں آنسوؤں کی پتلی تہ کے نیچے ایک عجیب قسم کی روشنی جل رہی تھی۔ اور وہ خود کانپ رہی تھی ہولے ہولے۔ میں نے دوبارہ اس کو غور سے دیکھا۔ اور کہا۔

’’موت سے ڈرتا ہُوں۔ اس لیے کہ میں زندہ رہنا چاہتا ہوں۔ تم موت سے نہیں ڈرتی، اس لیے کہ تمہیں زندہ رہنا نہیں آتا۔ جو شخص زندہ رہنے کا سلیقہ نہیں جانتے۔ اُن کے لیے زندہ رہنا بھی موت کے برابر ہے۔۔۔۔۔ اگر تم مرنا چاہتی ہو تو بڑے شوق سے مر جاؤ۔ ‘‘

وہ حیرت سے میرا منہ تکنے لگی۔ میں نے کہنا شروع کیا۔

’’تم مرنا چاہتی ہو۔ اس لیے کہ تم سمجھتی ہو کہ دُکھ کے اس پہاڑ کا بوجھ جو ایکا ایکی تم پر ٹوٹ پڑا ہے۔ تم سے اٹھایا نہ جائے گا۔۔۔۔۔ یہ غلط ہے۔۔۔۔۔۔ جب تم محبت کرنے کی طاقت رکھتی ہو۔ تو اس کی شکست کے صدمے برداشت کرنے کی بھی قوت رکھتی ہو۔۔۔۔۔ وہ لذّت وہ حظ وہ مسّرت جو تم نے اس سے محبت کرکے حاصل کی، تمہاری زندگی کا عرق ہے اسے سنبھال کر رکھو۔ اور باقی تمام عمران چند گھونٹوں پر بسر کرو۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ مرد جس سے تم نے محبت کی، اتنا ضروری، اتنا اہم نہیں ہے، جتنی کہ تمہاری محبت ہے، جو اس سے تم کو ہے۔۔۔۔۔ اس مرد کو بھول جاؤ، لیکن اپنی محبت کو یاد رکھو، اس کی یاد پر جیو۔۔۔۔۔۔۔ ان لمحات کی یاد پر جن کو حاصل کرنے کے لیے تم نے اپنی زندگی کی سب سے قیمتی شے توڑ ڈالی۔۔۔۔۔۔ کیاتم ان لمحات کو بھول سکتی ہو، جس کی قیمت میں تم نے ایک بیش بہا موتی بہا دیا ہے۔۔۔۔۔ ہر گز نہیں۔۔۔۔۔۔۔ مرد ایسے لمحات کو بھول سکتا ہے بھول جاتا ہے۔ اس لیے کہ اُسے کوئی قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی۔۔۔۔۔۔ پر عورتیں نہیں بھول سکتیں۔ جنھیں چند گھڑیوں کی فرصت کے لیے اپنی ساری زندگی چکنا چُور کر دینا پڑتی ہے۔۔۔۔۔ تم مرنا چاہتی ہو!۔۔۔۔۔ کیا تم اس سرائے میں اتنے مہنگے داموں پر کمرہ اٹھا کر بھی اس کو چھوڑ دینا چاہتی ہو۔۔۔۔۔۔ زندہ رہو۔۔۔۔۔۔ نہیں نہیں اس زندگی کو استعمال کرو۔ ہمیں مرنا ضرور ہے۔ اسی لیے زندہ رہنا بھی ضروری ہے۔۔۔۔۔۔‘‘

میری باتوں نے اس پر تھکان سی طاری کر دی۔ وہ نڈھال ہو کر شہ نشین پر بیٹھ گئی اور کہنے لگ۔

’’میں تھک گئی ہوں۔۔۔۔۔۔۔‘‘

’’جاؤ، سو جاؤ۔۔۔۔۔ آرام کرو اور دوسری مصیبتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خود میں ہمت پیدا کرو۔۔۔۔۔‘‘

یہ کہہ کر میں چلنے ہی کو تھا۔ کہ مجھے دفعتاً ایک خیال آیا اور اس خیال کے آتے ہی تھوڑی دیر کے لیے میرا دل بیٹھ سا گیا۔ میں نے سوچا اگر اس نے اپنے آپ کو مار لیا تو۔۔۔۔۔ اور یہ سوچتے ہوئے مجھے یہ خدشہ پیدا ہوا کہ مجھ میں ایک چیز کی کمی ہو جائے گی۔ چنانچہ میں پلٹا اور اس کے قریب جا کر اس سے التجائیہ لہجے میں کہا۔

’’شیلا! میں تم سے ایک درخواست کرنا چاہتا ہوں۔۔۔۔‘‘

شیلا نے گردن اٹھا کر میری طرف دیکھا۔

’’دیکھو شیلا، میں تم سے التجا کرتا ہوں کہ خودکشی کے خیال سے باز آؤ۔۔۔۔۔ تم زندہ رہو، ضرور زندہ رہو۔ ‘‘

اُس نے میری بات سُنی اور پوچھا کیوں۔ ‘‘

’’کیوں؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ تم مجھ سے کیوں پوچھتی ہو شیلا؟ تمہارا دل اچھی طرح جانتا ہے کہ میں تم سے التجا کر رہا ہوں۔۔۔۔۔۔ چھوڑو ان باتوں کو۔۔۔۔۔۔۔ مجھے تم سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ اور نہ مجھے اپنے آپ سے کوئی شکایت ہے۔۔۔۔۔ بات یہ ہے۔ کہ میں نے جو بات شروع کی تھی۔ اب اُسے اختتام تک پہنچانا چاہتا ہوں۔۔۔۔۔ میں خود غرض ہوں۔۔۔۔۔ ہر انسان خود غرض ہے۔۔۔۔۔۔ میں تم سے التجا کر رہا ہوں کہ تم نہ مرو، جؤ۔۔۔۔۔۔ یہ خود غرضی ہے۔۔۔۔۔۔ تم زندہ ہو گی تو میری محبت جوان رہے گی۔۔۔۔۔۔ تمہاری زندگی کے ہر دور کے ساتھ میں اپنی محبت کو وابستہ دیکھنا چاہتا ہوں۔۔۔۔۔۔۔ پر تمہاری اجازت سے۔۔۔۔۔۔۔‘‘

وہ دیر تک سوچتی رہی۔ وہ اب زیادہ سنجیدہ ہو گئی تھی۔ تھوڑی دیر کے بعد اُس نے بڑے دھیمے لہجے میں کہا۔

’’مجھے زندہ رہنا ہو گا۔ !‘‘

اس کے اس دھیمے لہجے میں عزم کے آثار تھے۔ اس تھکی ہوئی جوانی کو اونگھتی ہوئی چاندنی میں چھوڑ کر میں نیچے اپنے فلیٹ پر چلا آیا اور سو گیا۔

سعادت حسن منٹو

شکاری عورتیں

میں آج آپ کو چند شکاری عورتوں کے قصّے سناؤں گا۔ میرا خیال ہے کہ آپ کو بھی کبھی ان سے واسطہ پڑا ہو گا۔ میں بمبئی میں تھا۔ فلمستان سے عام طور پربرقی ٹرین سے چھ بجے گھر پہنچ جایا کرتا تھا۔ لیکن اس روز مجھے دیر ہو گئی۔ اس لیے کہ

’’شکاری‘‘

کی کہانی پر بحث مباحثہ ہوتا رہا۔ میں جب بمبئے سنٹرل کے اسٹیشن پر اترا، تو میں نے ایک لڑکی کو دیکھا جو تھرڈ کلاس کمپارٹمنٹ سے باہر نکلی۔ اس کا رنگ گہرا سانولا تھا۔ ناک نقشہ ٹھیک تھا۔ اس کی چال بڑی انوکھی سی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ فلم کا منظر نامہ لکھ رہی ہے۔ میں اسٹیشن سے باہر آیا اور پل پر وکٹوریا گاڑی کا انتظارکرنے لگا۔ میں تیز چلنے کا عادی ہوں اس لیے میں دوسرے مسافروں سے بہت پہلے باہر نکل آیا تھا۔ وکٹوریا آئی اور میں اس میں بیٹھ گیا۔ میں نے کوچوان سے کہا کہ آہستہ آہستہ چلے اس لیے کہ فلمستان میں کہانی پر بحث کرتے کرتے میری طبیعت مکدر ہو گئی تھی۔ موسم خوشگوار تھا۔ وکٹوریا والا آہستہ آہستہ پُل پر سے اترنے لگا۔ جب ہم سیدھی سڑک پر پہنچے تو ایک آدمی سرپر ٹاٹ سے ڈھکا ہوا مٹکا اٹھائے صدا لگا رہا تھا۔

’’قلفی۔ قلفی!‘‘

جانے کیوں میں نے کوچوان سے وکٹوریہ روک لینے کے لیے کہا، اور اس قُلفی بیچنے والے سے کہا ایک قلفی دو۔ میں اصل میں اپنی طبیعت کا تکدر کسی نہ کسی طرح دور کرنا چاہتا تھا۔ اس نے مجھے ایک دونے (پتوں کا پیالہ) میں قلفی دی۔ میں کھانے ہی والا تھا کہ اچانک کوئی دھم سے وکٹوریا میں آن گھسا۔ کافی اندھیرا تھا۔ میں نے دیکھا تو وہی گہرے رنگ کی سانولی لڑکی تھی۔ میں بہت گھبرایا۔ وہ مسکرا رہی تھی۔ دونے میں میری قلفی پگھلنا شروع ہو گئی۔ اس نے قلفی والے سے بڑے بے تکلّف انداز میں کہا

’’ایک مجھے بھی دو۔ ‘‘

اس نے دے دی۔ گہرے سانولے رنگ کی لڑکی نے اسے ایک منٹ میں چٹ کردیا اور وکٹوریا والے سے کہا

’’چلو۔ ‘‘

میں نے اس سے پوچھا

’’کہاں؟‘‘

’’جہاں بھی تم چاہتے ہو۔ ‘‘

’’مجھے تو اپنے گھر جانا ہے۔ ‘‘

’’تو گھر ہی چلو۔ ‘‘

’’تم ہو کون؟‘‘

’’کتنے بھولے بنتے ہو۔ ‘‘

میں سمجھ گیا کہ وہ کس قماش کی لڑکی ہے۔ چنانچہ میں نے اس سے کہا۔

’’گھر جانا ٹھیک نہیں۔ اور یہ وکٹوریا بھی غلط ہے۔ کوئی ٹیکسی لے لیتے ہیں۔ ‘‘

وہ میرے اس مشورے سے بہت خوش ہوئی۔ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اس سے نجات کیسے حاصل کروں۔ اسے دھکا دے کر باہر نکالتاتو اُودھم مچ جاتا۔ پھرمیں نے یہ سوچا کہ عورت ذات ہے کہ اس سے فائدہ اٹھا کر کہیں وہ یہ واویلا نہ مچادے کہ میں نے اس سے ناشائستہ مذاق کیا ہے۔ وکٹوریا چلتی رہی اور میں سوچتا رہا کہ یہ مصیبت کیسے ٹل سکتی ہے۔ آخر ہم بے بی ہسپتال کے پاس پہنچ گئے۔ وہاں ٹیکسیوں کا اڈہ تھا۔ میں نے وکٹوریا والے کو اس کا کرایہ ادا کیا اور ایک ٹیکسی لے لی۔ ہم دونوں اس پر بیٹھ گئے۔ ڈرائیور نے پوچھا

’’کدھر جانا ہے صاحب؟‘‘

میں اگلی سیٹ پر بیٹھا تھا۔ تھوڑی دیر سوچنے کے بعد میں نے اس سے زیر لب کہا۔

’’مجھے کہیں بھی نہیں جانا ہے۔ یہ لو دس روپے۔ اس لڑکی کو تم جہاں بھی لے جانا چاہو لے جاؤ۔ ‘‘

وہ بہت خوش ہوا۔ دوسرے موڑ پر اس نے گاڑی ٹھہرائی اور مجھ سے کہا

’’صاحب آپ کو سگریٹ لینے تھے۔ اس ایرانی کے ہوٹل سے سستے مل جائیں گے۔ ‘‘

میں فوراً دروازہ کھول کرباہر نکلا۔ گہرے رنگ کی لڑکی نے کہا۔

’’دو پیکٹ لانا۔ ‘‘

ڈرائیور اس سے مخاطب ہوا۔

’’تین لے آئیں گے۔ ‘‘

اور اس نے موٹر اسٹارٹ کی اور یہ جا وہ جا۔ ۔ بمبئی ہی کا واقعہ ہے میں اپنے فلیٹ میں اکیلا بیٹھا تھا۔ میری بیوی شاپنگ کے لیے گئی ہوئی تھی کہ ایک گھاٹن جو بڑے تیکھے نقشوں والی تھی، بے دھڑک اندر چلی آئی۔ میں نے سوچا شاید نوکری کی تلاش میں آئی ہے۔ مگر وہ آتے ہی کرسی پر بیٹھ گئی۔ میرے سگریٹ کیس سے ایک سگریٹ نکالا اور اسے سُلگا کر مسکرانے لگی۔ میں نے اس سے پوچھا

’’کون ہو تم؟‘‘

’’تم پہچانتے نہیں۔ ‘‘

’’میں نے آج پہلی دفعہ تمہیں دیکھا ہے۔ ‘‘

’’سالا جھوٹ مت بولو۔ دو روز دیکھتا ہے۔ ‘‘

میں بڑی الجھن میں گرفتار ہو گیا۔ لیکن تھوڑی دیر کے بعد میرا نوکر فضل دین آگیا۔ اس نے اس تیکھے نقشوں والی گھاٹن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ۔ یہ واقعہ لاہور کا ہے۔ میں اور میرا ایک دوست ریڈیو اسٹیشن جارہے تھے۔ جب ہمارا تانگہ اسمبلی ہال کے پاس پہنچا تو ایک تانگہ ہمارے عقب سے نکل کر آگے آگیا۔ اس میں ایک برقع پوش عورت تھی جس کی نقاب نیم وا تھی۔ میں نے اس کی طرف دیکھا تو اس کی آنکھوں میں عجیب قسم کی شرارت ناچنے لگی۔ میں نے اپنے دوست سے جو پچھلی نشست پر بیٹھا تھا، کہا۔

’’یہ عورت بد چلن معلوم ہوتی ہے۔ ‘‘

’’تم ایسے فیصلے ایک دم مت دیا کرو۔ ‘‘

’’بہت اچھا جناب۔ میں آئندہ احتیاط سے کام لوں گا۔ ‘‘

برقع والی عورت کا تانگا ہمارے تانگے کے آگے آگے تھا۔ وہ ٹکٹکی لگائے ہمیں دیکھ رہی تھی۔ میں بڑا بزدل ہوں، لیکن اس وقت مجھے شرارت سُوجھی اور میں نے اسے ہاتھ کے اشارے سے آداب عرض کردیا۔ اس کے آدھ ڈھکے چہرے پر مجھے کوئی ردِّ عمل نظر نہ آیا جس سے مجھے بڑی مایوسی ہوئی۔ میرا دوست گٹکنے لگا۔ اس کو میری اس ناکامی سے بڑی مسرت ہوئی لیکن جب ہمارا ٹانگہ شملہ پہاڑی کے پاس پہنچ رہا تھا تو برقع پوش عورت نے اپنا ٹانگہ ٹھہرالیا اور(میں زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا) وہ نیم اٹھی ہوئی نقاب کے اندر مسکراتی ہوئی آئی اور ہمارے ٹانگے میں بیٹھ گئی۔ میرے دوست کے ساتھ۔ میری سمجھ میں نہ آیا کیا کیا جائے۔ میں نے اس برقع پوش عورت سے کوئی بات نہ کی، اور ٹانگے والے سے کہا کہ وہ ریڈیو اسٹیشن کا رُخ کرے۔ میں اسے اندر لے گیا۔ ڈائریکٹر صاحب سے میرے دوستانہ مراسم تھے۔ میں نے اس سے کہا۔

’’یہ خاتون ہمیں رستے میں پڑی ہوئی مل گئی۔ آپ کے پاس لے آیا ہوں، اور درخواست کرتا ہوں کہ انہیں یہاں کوئی کام دلوا دیجیے۔ ‘‘

انہوں نے اس کی آواز کا امتحان کرایا جو کافی اطمینان بخش تھا۔ جب وہ آڈیشن دے کر آئی تو اس نے برقع اتارا ہوا تھا۔ میں نے اسے غور سے دیکھا۔ اس کی عمر پچیس کے قریب ہو گی۔ رنگ گورا آنکھیں بڑی بڑی۔ لیکن اس کا جسم ایسا معلوم ہوتا تھا، جیسے شکر قندی کی طرح بھوبل میں ڈال کر باہر نکالا گیا ہے۔ ہم باتیں کررہے تھے کہ اتنے میں چپڑاسی آیا۔ اس نے کہا کہ باہر ایک ٹانگہ والا کھڑا ہے، وہ کرایہ مانگتا ہے۔ میں نے سوچا شاید زیادہ عرصہ گزرنے پر وہ تنگ آگیا ہے، چنانچہ میں باہر نکلا۔ میں نے اپنے تانگے والے سے پوچھا

’’بھئی کیا بات ہے۔ ہم کہیں بھاگ تو نہیں گئے۔ ‘‘

وہ بڑا حیران ہوا

’’کیا بات ہے سرکار۔ ‘‘

’’تم نے کہلا بھیجا ہے کہ میرا کرایہ ادا کرو۔ ‘‘

’’میں نے جناب کسی سے کچھ بھی نہیں کہا۔ ‘‘

اس کے تانگے کے ساتھ ہی ایک دوسرا تانگہ کھڑا تھا۔ اس کا کوچوان جو گھوڑے کو گھاس کھلا رہا تھا، میرے پاس آیا اور کہا

’’وہ عورت جو آپ کے ساتھ گئی تھی، کہاں ہے؟‘‘

’’اندر ہے۔ کیوں؟‘‘

’’جی اس نے دو گھنٹے مجھے خراب کیا ہے۔ کبھی ادھر جاتی تھی، کبھی ادھر۔ میں تو سمجھتا ہوں کہ اس کو معلوم ہی نہیں کہ اسے کہاں جانا ہے۔ ‘‘

’’اب تم کیا چاہتے ہو؟‘‘

’’جی میں اپنا کرایہ چاہتا ہوں۔ ‘‘

’’میں اسے لے کر آتا ہوں۔ ‘‘

میں اندرگیا۔ اس برقع پوش عورت سے جو اپنا برقع اتار چکی تھی، کہا۔

’’تمہارا تانگے والا کرایہ مانگتا ہے۔ ‘‘

وہ مسکرائی

’’میں دے دوں گی۔ ‘‘

میں نے اس کا پرس جو صوفے پر پڑا تھا، اٹھایا۔ اس کو کھولا۔ مگر اس میں ایک پیسہ بھی نہیں تھا۔ بس کے چند ٹکٹ تھے اور دو بالوں کی پنیں۔ اور ایک واہیات قسم کی لپ اسٹک۔ میں نے وہاں ڈائریکٹر کے دفتر میں کچھ کہنا مناسب نہ سمجھا۔ ان سے رخصت طلب کی۔ باہر آکر اس کے تانگے والے کو دو گھنٹوں کا کرایہ ادا کیا، اور اس عورت کو اپنے دوست کی موجودگی میں کہا

’’تمہیں اتنا توخیال ہونا چاہیے تھا کہ تم نے تانگہ لے لیا ہے اور تمہارے پاس ایک کوڑی بھی نہیں۔ ‘‘

وہ کھسیانی ہو گئی

’’میں۔ میں۔ آپ بڑے اچھے آدمی ہیں۔ ‘‘

’’میں بہت برا ہوں۔ تم بڑی اچھی ہو۔ کل سے ریڈیو اسٹیشن آنا شروع کردو۔ تمہاری آمدن کی صورت پیدا ہو جائے گی۔ یہ بکواس جو تم نے شروع کر رکھی ہے، اسے ترک کرو۔ ‘‘

میں نے اسے مزنگ کے پاس چھوڑ دیا۔ میرا دوست واپس چلا گیا۔ اتفاقاً مجھے ایک کام سے وہاں جانا پڑا۔ دیکھا کہ میرا دوست اور وہ عورت اکٹھے جارہے تھے۔ ۔ یہ بھی لاہور ہی کا واقعہ ہے۔ چند روز ہوئے، میں نے اپنے دوست کو مجبور کیا کہ وہ مجھے دس روپے دے۔ اس دن بنک بند تھے۔ اس نے معذوری کا اظہار کیا۔ لیکن جب میں نے اس پر زور دیا کہ وہ کسی نہ کسی طرح یہ دس روپے پیدا کرے۔ اس لیے کہ مجھے اپنی ایک علت پوری کرنا ہے، جس سے تم بخوبی واقف ہو، تو اس نے کہا

’’اچھا‘ میرا ایک دوست ہے وہ غالباً اس وقت کافی ہاؤس میں ہو گا۔ وہاں چلتے ہیں امید ہے کام بن جائے گا۔ ‘‘

ہم دونوں تانگے میں بیٹھ کر کافی ہاؤس پہنچے۔ مال روڈ پربڑے ڈاک خانے کے قریب ایک ٹانگہ جارہا تھا۔ اس میں ایک نسواری رنگ کا برقع پہنے ایک عورت بیٹھی تھی۔ اس کی نقاب پوری کی پوری اٹھی ہوئی تھی۔ وہ ٹانگے والے سے بڑے بے تکلف انداز میں گفتگو کررہی تھی۔ ہمیں اس کے الفاظ سنائی نہیں دیے۔ لیکن اس کے ہونٹوں کی جنبش سے جو کچھ مجھے معلوم ہونا تھا ہو گیا۔ ہم کافی ہاؤس پہنچے تو عورت کا تانگہ بھی وہیں رک گیا۔ میرے دوست نے اندر جا کے دس روپوں کا بندوبست کیا اور باہر نکلا۔ وہ عورت نسواری برقعے میں جانے کس کی منتظر تھی۔ ہم واپس گھر آنے لگے تو رستے میں خربوزوں کے ڈھیر نظر آئے۔ ہم دونوں تانگے سے اتر کر خربوزے پرکھنے لگے۔ ہم نے باہم فیصلہ کیا کہ اچھے نہیں نکلیں گے کیونکہ ان کی شکل و صورت بڑی بے ڈھنگی تھی۔ جب اٹھے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ نسواری برقع تانگے میں بیٹھا خربوزے دیکھ رہا ہے۔ میں نے اپنے دوست سے کہا

’’خربوزہ خربوزے کو دیکھ کررنگ پکڑتا ہے۔ آپ نے ابھی تک یہ نسواری رنگ نہیں پکڑا۔ ‘‘

اس نے کہا

’’ہٹاؤ جی۔ یہ سب بکواس ہے۔ ‘‘

ہم وہاں سے اٹھ کر تانگے میں بیٹھے۔ میرے دوست کو قریب ہی ایک کیمسٹ کے ہاں جانا تھا۔ وہاں دس منٹ لگے۔ باہر نکلے تو دیکھا کہ نسواری برقع اسی تانگے میں بیٹھا جارہا تھا۔ میرے دوست کو بڑی حیرت ہوئی

’’یہ کیا بات ہے؟۔ یہ عورت کیوں بیکار گھوم رہی ہے؟‘‘

میں نے کہا

’’کوئی نہ کوئی بات تو ضرور ہو گی۔ ‘‘

ہمارا تانگہ ہال روڈ کو مڑنے ہی والا تھا کہ وہ نسواری برقع پھر نظر آیا۔ میرے دوست گو کنوارے ہیں، لیکن بڑے زاہد۔ ان کو جانے کیوں اُکساہٹ پیدا ہوئی کہ اس نسواری برقعے سے بڑی بلند آواز میں کہا۔

’’آپ کیوں آوارہ پھر رہی ہیں۔ آئیے ہمارے ساتھ۔ ‘‘

اس کے تانگے نے فوراً رُخ بدلا اور میرا دوست سخت پریشان ہو گیا۔ جب وہ نسواری برقع ہم کلام ہوا تو اس نے اس سے کہا

’’آپ کو تانگے میں آوارہ گردی کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ میں آپ سے شادی کرنے کے لیے تیار ہوں۔ ‘‘

میرے دوست نے اس نسواری برقعے سے شادی کرلی۔

سعادت حسن منٹو

شو شو

گھر میں بڑی چہل پہل تھی۔ تمام کمرے لڑکے لڑکیوں، بچے بچیوں اور عورتوں سے بھرے تھے۔ اور وہ شور برپا ہو رہا تھا۔ کہ کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی۔ اگر اس کمرے میں دو تین بچے اپنی ماؤں سے لپٹے دودھ پینے کے لیے بلبلا رہے ہیں۔ تو دوسرے کمرے میں چھوٹی چھوٹی لڑکیاں ڈھولکی سے بے سُری تانیں اڑا رہی ہیں۔ نہ تال کی خبر ہے نہ لَے کی۔ بس گائے جا رہی ہیں۔ نیچے ڈیوڑھی سے لے کر بالائی منزل کے شہ نشینوں تک مکان مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا تھا۔ کیوں نہ ہو۔ ایک مکان میں دو بیاہ رچے تھے۔ میرے دونوں بھائی اپنی چاند سی دلہنیں بیاہ کر لائے تھے۔ رات کے گیارہ بجے کے لگ بھگ دونوں ڈولیاں آئیں۔ اور گلی میں اس قدر شور برپا ہوا کہ الامان مگر وہ نظارہ بڑا روح افزا تھا۔ جب گلی کی سب شوخ و شنگ لڑکیاں باہر نکل آئیں۔ اور تیتریوں کی طرح ادھر اُدھر پھڑپھڑانے لگیں۔ ساڑھیوں کی ریشمی سرسراہٹ۔ کلف لگی شلواروں کی کھڑکھڑاہٹ اور چوڑیوں کی کھنکھناہٹ ہوا میں تیرنے لگی۔ تمتماتے ہوئے مکھڑوں پر بار بار گرتی ہوئی لٹیں۔ ننھے ننھے سینوں پر زور دے کر نکالی ہوئی بلند آوازیں اونچی ایڑی کے بوٹوں پر تھرکتی ہوئی ٹانگیں لچکتی ہوئی انگلیاں، دھڑکتے ہوئے لہجے، پھڑکتی ہوئیں رگیں۔ اور پھر ان الّہڑ لڑکیوں کی آپس کی سرگوشیاں!۔۔۔۔۔۔ یہ سب کچھ دیکھ کر ایسا لگتا تھا کہ گلی کے پتھریلے فرش پر حُسن و شباب اپنے قلم سے معانی لکھ رہا ہے! عباس میرے پاس کھڑا تھا۔ ہم دونوں عورتوں کے ہجوم میں گھرے ہوئے تھے دفعتہ عباس نے گلی کے نکڑ پر نظریں گاڑ کر کہا۔

’’شو شو کہاں ہے؟‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’مجھے اس وقت تمہارے سوال کا جواب دینے کی فرصت نہیں ہے۔ ‘‘

میں اس ہجوم میں اس بھونرے کے مانند کھڑا تھا۔ جو پھولوں بھری کیاری دیکھ کر یہ فیصلہ نہیں کر سکتا کہ کس پھول پر بیٹھے۔ عباس نے رونی آواز میں کہا۔

’’وہ نہیں آئی!‘‘

’’تو کیا ہوا۔۔۔۔۔۔ باقی تو سب موجود ہیں ۔۔۔۔۔ارے۔۔۔۔۔۔۔ دیکھو تو وہ نیلی ساڑھی میں کون ہے؟ ۔۔۔۔۔۔ شو شو۔ ‘‘

میں نے عباس کا ہاتھ دبایا۔ عباس نے غور سے دیکھا۔ نیلی ساڑھی میں۔۔۔۔۔۔۔ یہ کہہ کر اس نے اپنے مخصوص انداز میں میری طرف قہر آلود نگاہوں سے دیکھ کر کہا۔

’’علاج کراؤ اپنی آنکھوں کا۔۔۔۔۔۔ چغد کہیں کے، یہ شوشو ہے؟‘‘

’’کیوں وہ نہیں ہے کیا؟‘‘

میں نے پھر نیلی ساڑھی کی طرف غور سے دیکھا اور ایسا کرتے ہوئے میری نگاہیں ایکا ایکی اس لڑکی کی نگاہوں سے ٹکرائیں کچھ اس طور پر کہ اس کو ایک دھکا سا لگا۔ وہ سنبھلی اور فوراً منہ سے لال جِیب نکال کر میرا منہ چڑایا۔ اپنی سہیلی کے کان میں کچھ کہا۔۔۔۔۔۔۔۔اس سہیلی نے کنکھیوں سے میری طرف دیکھا۔۔۔۔۔۔۔۔ میرے ماتھے پر پسینہ آ گیا۔ عباس نے جو اپنا اطمینان کرنے کے لیے ایک بار پھر اس کی طرف دیکھ رہا تھا بلند آواز میں کہا۔

’’بخدا تم اس کی توہین کر رہے ہو۔۔۔۔۔۔۔ گدھے کہیں کے۔۔۔۔۔۔ عورت کے معاملے میں نرے احمق ہو۔۔۔۔۔۔۔ کاٹھ کی کوئی پتلی نیلے رنگ میں لپیٹ لپاٹ کر تمہارے سامنے رکھ دی جائے۔ تم اسی کی بلائیں لینا شروع کر دو گے۔ ‘‘

یہ الفاظ اتنی اونچی آواز میں ادا کیے گئے تھے کہ اس نیلی ساڑھی والی نے سُن لیے جب وہ ہمارے پاس سے گزرنے لگی تو خود بخود ٹھٹک گئی۔ ایک لحظے کے لیے اس کے قدم رُکے۔ گویا ہم میں سے کسی نے اس کو مخاطب کیا ہے۔ پھر فوراً اس کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ اور اس احساس کی پیدا کی ہوئی خفت دور کرنے کے لیے اُس نے یونہی پیچھے مُڑ کر دیکھا۔ اور کہا۔

’’ارے۔۔۔۔۔۔ امینہ تو کہاں اُڑ گئی؟‘‘

! مجھے موقع ملا۔ میں جھٹ سے عباس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اور اسے اچھی طرح دبا کر اس سے کہا۔

’’آپ سے مل کر بہت خوشی حاصل ہوئی۔ مگر میرا نام محمد امین ہے۔۔۔۔ مجھے نیل کنٹھ بھی کہتے ہیں!‘‘

جل ہی تو گئی۔ مگر ہم زیرِ لب مُسکراتے آگے بڑھ گئے۔ چند ہی قدم چلے ہوں گے کہ عباس نے اضطراب بھرے لہجے میں کہا۔

’’شو شو ابھی تک نہیں آئی۔ ‘‘

’’تو میں کیا کروں۔۔۔۔۔۔ میرے سر پر نمدہ باندھ دیجیے۔ تو میں ابھی سرکار کے لیے اُسے تلاش کرکے لے آتا ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔ آخر یہ کیا حماقت ہے بھئی۔ تم تماشا بھی دیکھنے دو گے یا کہ نہیں؟ ۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر جناب یہ تو بتائیے۔ اگر وہ یہاں موجود بھی ہو تو آپ اس سے ملاقات کیونکر کر سکتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔ آپ کوئی امریکی ناول نہیں پڑھ رہے۔ کوئی خواب تو نہیں دیکھ رہے! عباس میری بات فوراً سمجھ گیا۔ وہ اتنا بے وقوف نہیں تھا۔ چنانچہ ہم دونوں آہستہ آہستہ قدم اٹھائے گلی سے نکل کر بازار میں چلے گئے۔ موڑ پر رام بھروسے پنواڑی کی دکان کُھلی تھی۔ جو بجلی کے قمقمے کے نیچے سرجھکائے اُونگھ رہا تھا۔ ہم نے اس سے دو پان بنوائے اور وہیں بازار میں کرسیوں پر بیٹھ کر باتیں کرنے میں مشغول ہو گئے۔ دیر تک ہم ہندوستان میں مرد عورت کے درمیان جو اجنبیت چلی آ رہی ہے۔ اس کے بارے میں گفتگو کرتے رہے۔ جب ایک بج گیا تو عباس جمائی لے کر اُٹھا اور کہنے لگا۔ بھئی اب نیند آ رہی ہے۔۔۔۔۔۔ اس حسرت کو ساتھ لیے جا رہا ہوں کہ شو شو کو نہ دیکھ سکا۔ سچ کہتا ہوں امین وہ لڑکی۔۔۔۔۔۔۔ میں اب تمہیں کیا بتاؤں کہ وہ کیا ہے؟‘‘

عباس نے اپنے گھر کا رخ کیا اور میں نے اپنے گھر کا۔ راستے میں سوچتا رہا کہ عباس نے شو شو جیسی معمولی لڑکی میں ایسی کونسی غیر معمولی چیز دیکھی ہے جو ہر وقت اسی کا ذکر کرتا رہتا ہے۔ عباس کے مذاق کے متعلق میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ بڑا اونچا ہے۔ مگر یہاں اسے کیا ہو گیا تھا؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔ شو شو۔۔۔۔ شوشو۔۔۔۔۔ ارے یہ کیا؟ ۔۔۔۔۔۔۔ دو تین بار اس کا نام میری زبان پر آیا۔ تو میں نے یوں محسوس کیا کہ پیپر منٹ کی گولیاں چُوس رہا ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔ شو شو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک دو مرتبہ آپ بھی اسے دوہرایئے۔ ذرا جلدی جلدی۔۔۔۔۔ کیا آپ کو لذّت محسوس ہوئی؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ضرور ہوئی ہو گی مگر کیوں؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ میں عباس کی محبوبہ شو شو کے بارے میں خوامخواہ کیوں غور کرنے لگاہوں؟ اس میں ایسی کوئی چیز ہے ہی نہیں جو غیر افروز ہو مگر۔۔۔۔۔۔۔ مگر۔۔۔۔۔۔۔ یہ شو شو نام میں دلچسپی ضرور تھی۔ اور کیا کہا تھا میں نے لذت بھی!‘‘

شو شو میں بانجو کے تھرکتے ہوئے تاروں کی جھنکار سی پائی جاتی ہے۔ آپ یہ نام پکارئیے تو ایسا معلوم ہو گا کہ آپ نے کسی ساز کے تنے ہوئے تاروں پر زور سے گز پھیر دیا ہے۔ شو شو۔۔۔۔۔۔۔۔ سو شیلا کا دوسرا نام ہے۔ یعنی اس کی بگڑی ہوئی شکل مگر اس کے باوجود اس میں کتنی موسیقی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ سو شیلا۔۔۔۔۔۔۔۔ شو شو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شوشو۔۔۔۔۔۔۔۔ سو شیلا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ غلط۔۔۔۔۔۔۔ سو شیلا میں شوشو کی سی موسیقیت ہر گز نہیں ہو سکتی! فرنگی شاعر بائرن شکیل تھا۔ مگر اس میں وہ کون سی شے تھی۔ جو عورتوں کے سینے میں ہیجان برپا کر دیتی تھی؟ ۔۔۔۔۔۔۔ اُس کا لنگڑا کر چلنا۔ گریٹا گاریو قطعاً خوش شکل نہیں ہے۔ مگر اس میں کون سی چیز ہے جو فلمی تماشائیوں پر جادو کا کام کرتی ہے؟ ۔۔۔۔۔۔ اُس کا ذرا بگڑے ہوئے انگریزی لہجے میں باتیں کرنا۔۔۔۔۔۔یہ کیا بات ہے کہ بعض اوقات اچھی بھلی شے کو بگاڑنے سے اُس میں حسن پیدا ہو جاتا ہے؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔ سوشیلا پندرہ برس کی ایک معمولی لڑکی ہے۔ جو ہمارے پڑوس میں رہتی ہے۔ اس عمر میں ان تمام چیزوں کی مالک ہے۔ جو عام نوجوانوں کے سینے میں ہلچل پیدا کرنے کے لیے کافی ہوتی ہیں۔ مگر عباس کی نظروں میں یہ کوئی خوبی نہ تھی۔ عام نوجوانوں کی طرح عباس کا دل گھاس کی پتی کے مانند نہیں تھا۔ جو ہوا کے ہلکے سے جھونکے کے ساتھ ہی کانپنا شروع کر دیتی ہے۔۔۔۔۔۔ خدا جانے وہ اس کی کس ادا پر مرتا تھا۔ جو میرے ذہن سے بالا تر تھی۔ میں نے سوشیلا کی شکل وصورت اور اس کی صناعانہ قدروقیمت کے متعلق کبھی غور نہیں کیا تھا۔ مگر نہ جانے میں اُس روز اس کے متعلق کیوں سوچتا رہا۔ بار بار وہ میرے ذہن میں آ رہی تھی۔ اور ہر بار میں سوشیلا کو چھوڑ کر اس کے مختصر نام شوشو کی موسیقی میں گم ہو جاتا تھا۔ انہی خیالات میں غرق گلی کے موڑ پر پہنچ گیا۔ اور مجھے اس چیز کا احساس اس وقت ہوا جب میں نے دفعتہ وہاں کی فضا کو غیر معمولی طور پر خاموش پایا۔ مکان میری نظروں کے سامنے تھا۔ اس کے باہر گلی کی دیوار کے ساتھ ایک برقی قمقمہ لٹک رہا تھا۔ جس کی چوندھیا دینے والی روشنی ساری گلی میں بکھری ہوئی تھی۔۔۔۔۔۔۔ مجھے اس قمقمے کے

’’تجرد‘‘

پر بڑا ترس آیا۔ گلی بالکل سنسان تھی۔ اور وہ قمقمہ متحیّر معلوم ہوتا تھا۔ گھر میں داخل ہُوا۔ تو وہاں بھی خاموشی تھی۔ البتہ کبھی کبھار کسی بچے کے رونے کی لرزاں صدا اور پھر ساتھ ہی اس کی ماں کی خواب آلود آواز سنائی دیتی تھی۔ ڈیوڑھی کے ساتھ والا کمرہ کھول کر میں صوفے پر بیٹھ گیا۔ پاس ہی تپائی پر

’’رومان‘‘

پڑا تھا۔ اُس کو اٹھا کرمیں نے ورق گردانی شروع کی۔ ورق الٹتے الٹتے اختر کی غزل پر نظریں جم گئیں۔ مطلع کس قدر حسین تھا۔ ؂ نہ بھولے گا ترا راتوں کو شرماتے ہُوئے آنا رسیلی انکھڑیوں سے نیند برساتے ہُوئے آنا مجھے نیند آ گئی۔ کلاک کی طرف دیکھا۔ تو چھوٹی سوئی دو کے ہندسے کے پاس پہنچ چکی تھی۔ اور اس کا اعلان کرنے کے لیے الارم میں ارتعاش پیدا ہو رہا تھا۔۔۔۔۔ ٹن نن نن۔۔۔۔۔۔۔ ٹن نن نن۔۔۔۔۔۔۔ ن! دو بج گئے۔۔۔۔۔۔۔ میں اُٹھا اور سونے کے ارادے سے سیڑھیاں طے کرکے اپنی خوابگاہ میں پہنچا۔ بہار کے دن تھے۔ اور موسم خنک۔ میری خوابگاہ کی ایک کھڑکی باہر کی گلی میں کھلتی ہے۔ جس کے پیازی رنگ کے ریشمی پردے میں ہوا کے ہلکے ہلکے جھونکے بڑی پیاری لہریں پیدا کر رہے تھے۔ میں نے شب خوابی کا لباس پہنا اور سبز رنگ کا قمقمہ روشن کرکے بستر پر لیٹ گیا۔ میری پلکیں آپس میں ملنے لگیں۔ ایسا محسوس ہونے لگا کہ میں دُھنکی ہوئی روئی کے بہت بڑے انبار میں دھنسا جا رہا ہوں۔ نیند اور بیداری کے درمیان ایک لحظہ باقی رہ گیا تھا کہ اچانک میرے کانوں میں کسی کے بولنے کی گنگناہٹ آئی۔ اس پر ملتی ہوئی پلکیں کھل گئیں۔ اور میں نے غنودگی دُور کرتے ہُوئے غور سے سننا شروع کیا۔ ساتھ والے کمرے میں کوئی بول رہا تھا۔ یکایک کسی کی دلکش ہنسی کی ترنم آواز بلند ہوئی۔ اور پھلجھڑی کے نورانی تاروں کے مانند پُرسکوت فضا میں بکھر گئی۔ میں بستر پر سے اُٹھا اور دروازے کے ساتھ کان لگا کر کھڑا ہو گیا۔

’’دونوں دُلہنیں ماشاء اللہ بڑی خوبصورت ہیں۔ ‘‘

’’چندے آفتاب چندے ماہتاب‘‘

غالباً دو لڑکیاں آپس میں باتیں کر رہی تھیں۔ ان کے موضوع نے میری دلچسپی کو بڑھا دیا۔ اور میں نے زیادہ غور سے سُننا شروع کیا۔

’’تِلّے والی سُرخ ساڑھی میں نرگس کتنی بھلی معلوم ہوتی تھی۔۔۔۔۔ گورے گورے گالوں پر بکھری ہوئی مقیش۔۔۔۔۔۔۔۔ جی چاہتا تھا۔ بڑھ کر بلائیں لے لوں۔ ‘‘

’’بچاری سمٹی جا رہی تھی۔ ‘‘

’’سر تو اٹھایا ہی نہیں اُس نے۔۔۔۔۔ پر۔۔۔۔۔‘‘

’’پر یہ شرم و حیا کب تک رہے گی۔۔۔۔۔۔ آج رات۔۔۔۔۔‘‘

’’آج رات۔۔۔۔۔!

’’اُوئی اللہ۔۔۔۔۔ تو کیسی باتیں کر رہی ہے شوشو۔ اس کے ساتھ ہی کپڑے کی سرسراہٹ سُنائی دی۔ میرے جسم میں بجلی سی دوڑ گئی۔۔۔۔۔۔ شوشو۔۔۔۔۔۔۔۔ تو ان میں سے ایک سوشیلا بھی تھی۔ میری دلچسپی اور بھی بڑھ گئی اور میں نے دروازے میں کوئی دراڑ تلاش کرنا شروع کی۔ کہ ان کی گفتگو کے ساتھ ساتھ ان کو دیکھ بھی سکوں۔ ایک کواڑ کے نچلے تختے سے چھوٹی سی گانٹھ نکل گئی تھی۔ اور اس طرح چونی کے برابر سوراخ پیدا ہو گیا تھا۔ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر میں نے اس پر آنکھ جما دی۔ شو شو قالین پر بیٹھی بسکٹی رنگ کی ساڑھی سے اپنی ننگی پنڈلی کو ڈھانک رہی تھی۔ اس کے پاس عفّت شرمائی ہوئی سی گاؤ تکیے پر دونوں کہنیاں ٹیکے لیٹی تھی۔

’’اس وقت اُن گوری چٹی دلہنوں پر کیا بیت رہی ہو گی؟‘‘

شوشو یہ کہہ کر رُک گئی اور اپنی آواز دبا کر اُس نے عفّت کی چوڑیوں کو چھیڑ کر ان میں کھنکھناہٹ پیداکرتے ہوئے کہا۔

’’ذرا سوچو تو؟‘‘

عفت کے گال ایک لمحے کے لیے تھرتھرائے۔

’’کیسی بہکی بہکی باتیں کر رہی ہو شوشو۔ ‘‘

’’جی ہاں۔۔۔۔۔۔ گویا ان باتوں سے دلچسپی نہیں میری بنّو کو۔ بس میں ہو تو ابھی سے ابھی اپنی شادی رچالو۔ ‘‘

عفّت نے سوشیلا کی بات کاٹ دی۔

’’پر یہ دلہنوں کو کہاں لے گئے ہیں شوشو؟‘‘

’’کہاں لے گئے ہیں؟‘‘

شوشو مسکرائی۔

’’سمندر کی تہ میں جہاں جل پریوں کا راج ہے۔۔۔۔۔ کوہ قاف کے غاروں میں جہاں سینگوں والے جنّ رہتے ہیں۔۔۔۔۔‘‘

چند لمحات کے لیے ایک پُر اسرار سکوت طاری رہا۔ اس کے بعد شوشو پھر بولی۔

’’کہاں لے گئے ہیں؟ ۔۔۔۔۔۔ لے گئے ہونگے اپنے اپنے کمروں میں!‘‘

’’بیچاریوں کو نیند کیسے آئے گی؟‘‘

ایک لڑکی نے جو ابھی تک خاموش بیٹھی تھی اور جس کا نام میں نہیں جانتا تھا۔ اپنا اندیشہ ظاہر کیا۔ شوشو کہنے لگی۔

’’بے چاریاں!۔۔۔۔۔۔ کوئی ذرا ان کے دل سے جا کر پوچھے کہ ان کی آنکھیں اس رت جگے کے لیے کتنی بے قرار تھیں؟‘‘

’’تو بہت خوش ہوں گی؟‘‘

’’اور کیا؟‘‘

’’پر میں نے یہ سُنا ہے کہ یہ لوگ بہت ستایا کرتے ہیں؟‘‘

عفّت سوشیلا کے پاس سرک آئی۔

’’میں پوچھتی ہوں‘‘

تمہیں اندیشہ کس بات کا ہو رہا ہے؟ ۔۔۔۔۔۔ جب تمہارے وہ ستانے لگیں گے تو نہ ستانے دینا انھیں۔۔۔۔۔۔ ہاتھ پیر باندھ دینا اُن کے۔۔۔۔۔۔۔ ابھی سے فکر میں کیوں گھلی جا رہی ہو۔ ‘‘

’’ہائیں ہائیں۔ ‘‘

عفّت نے تیزی سے کہا۔

’’تم کیسی باتیں کر رہی ہو شوشو۔ دیکھو تو میرا دل کتنے زور سے دھڑکنے لگا ہے‘‘

!؟ عفّت نے سوشیلا کا ہاتھ اٹھا کر دل کے مقام پر رکھ دیا۔

’’کیوں؟‘‘

شوشو نے عفّت کے دل کی دھڑکنیں غور سے سُنیں۔ اور بڑے پُر اسرار لہجے میں کہا۔

’’جانتی ہوں کیا کہہ رہا ہے؟‘‘

عفت نے جواب دیا۔

’’نہیں تو؟‘‘

’’یہ کہتا ہے عفت بانو غزنوی دُلہن بننا چاہتی ہے!۔۔۔۔۔۔‘‘

’’ہٹاؤ جی، لاج تو نہیں آتی تمہیں۔

’’عفت نے مسکرا کر کروٹ بدلی۔ ‘‘

دل اپنا چاہتا ہے تمہارا اور خواہ مخواہ یہ سب کچھ میرے سر منڈھ رہی ہو۔ ‘‘

پھر یکا یک اُٹھ کھڑی ہوئی۔ اور سوشیلا سے پوچھنے لگی۔ ‘‘

ہاں، یہ تو بتاؤ شوشو تم بھلا کیسے آدمی سے شادی کرنا پسند کرو گی؟ ۔۔۔۔۔۔ میرے سر کی قسم، سچ سچ بتاؤ۔ مجھی کو ہائے ہائے کرو۔ اگر جھوٹ بولو!‘‘

میں کیوں بتاؤں۔ ‘‘

یہ کہہ کر سوشیلا نے تیزی سے اپنے سر کو حرکت دی۔ اور اس کا چہرہ (جو میری) نگاہوں سے پوشیدہ تھا، سامنے آگیا، میں نے غور سے دیکھا وہ مجھے بے حد حسین معلوم ہوئی۔ آنکھیں مست تھیں۔ اور ہونٹ تلوار کے تازہ زخم کے مانند کھلے ہُوئے تھے۔ سرکے چند پریشان بال برقی روشنی سے منّور فضا میں ناچ رہے تھے۔ چہرے کا گندمی رنگ نکھرا ہُوا تھا۔ اور سینہ پر سے ساڑھی کا پلّو نیچے ڈھلک گیا تھا۔ ہولے ہولے دھڑک رہا تھا۔ چوڑے ماتھے پر سرخ بندیا بڑی پیاری معلوم ہوتی تھی۔ عفّت نے اصرار کیا۔

’’تمہیں میرے سر کی قسم بتاؤ؟‘‘

شوشو نے کہا۔

’’پہلے تم بتاؤ۔ ‘‘

’’تو سنو، مگر کسی سے کہو گی تو نہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر عفّت کچھ شرما سی گئی۔ میں چاہتی ہوں۔۔۔۔۔۔ میں چاہتی ہوں کہ میری شادی ایک ایسے نوجوان سے ہو۔۔۔۔۔۔۔ ایسے۔۔۔۔۔‘‘

شوشو بولی۔

’’توبہ اب کہہ بھی دو۔ ‘‘

عفّت نے پیشانی پر سے بال ہٹائے اور کہا‘‘

ایسے نوجوان سے ہو جس کا قد لمبا ہو جسم بڑے بھائی کی طرح سڈول ہو۔ انگلینڈ ریٹرنڈ ہو۔ انگریزی فرفر بولتا ہو۔۔۔۔۔۔ رنگ گورا اور نقش تیکھے ہوں۔ موٹر چلانا جانتا ہو۔ اور بیڈمنٹن بھی کھیلتا ہو۔ ‘‘

شوشو نے پوچھا۔

’’بس کہہ چکیں؟‘‘

’’ہاں عفّت نے نیم وا لبوں سے سوشیلا کی طرف غور سے دیکھنا شروع کیا۔

’’میری دعا ہے کہ پرماتما تمہیں ایسا ہی پتی عطا فرمائیں‘‘

سوشیلا کا چہرہ بڑا سنجیدہ تھا۔ اور لہجہ ایسا تھا۔ جیسے مندر میں کوئی مقدس منتر پڑھ رہی ہے۔ وہ لڑکی جو گفتگو میں بہت کم حصّہ لیتی تھی۔ بولی

’’عفّت! اب شوشو کی باری ہے۔ ‘‘

عفّت جو شوشو کی ساڑھی کا ایک کنارہ پکڑ کر اپنی انگلی کے گرد لپیٹ رہی تھی کہنے لگی۔

’’بھئی اب تم بتاؤ ہم نے تو اپنے دل کی بات تم سے کہہ دی۔ ‘‘

شوشو نے جواب دیا۔

’’سُن کے کیا کرو گی؟ ۔۔۔۔۔ میرے خیالات تم سے بالکل مختلف ہیں۔ ‘‘

’’مختلف ہوں یا ملتے ہوں۔ پر ہم سُنے بغیر تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ ‘‘

’’میں۔۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘

سوشیلا نے چھت کی طرف دیکھا۔ اور کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد کہنے لگی۔

’’میں۔۔۔۔۔۔۔۔ پر تم مذاق اڑاؤ گی عفّت!‘‘

’’ارے۔۔۔۔۔۔ تم سناؤ تو؟‘‘

سوشیلا نے ایک آہ بھری۔

’’میرے سپنے عجیب و غریب ہیں عفّت‘‘

۔۔۔۔۔۔ یہ میرے دماغ میں صابن کے رنگ برنگے بلبلوں کی طرح پیدا ہوتے ہیں۔ اور آنکھوں کے سامنے ناچ کر غائب ہو جاتے ہیں۔۔۔۔۔ میں سوچتی ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر سوچتی ہُوں کہ میں کیوں سوچا کرتی ہوں۔ انسان جو کچھ چاہتا ہے۔ اگر ہو جایا کرے تو کتنی اچھی بات ہے۔۔۔۔۔ لیکن پھر زندگی میں کیا رہ جائے گا۔۔۔۔۔۔ خواہشیں اور تمنائیں کہاں سے پیدا ہوں گی۔۔۔۔۔۔۔ ہم جس طرح جی رہے ہیں ٹھیک ہے۔۔۔۔۔ جانتی ہوں کہ جو کچھ مانگ رہی ہوں۔ نہیں ملے گا۔ مگر دل میں مانگ تو رہے گی۔۔۔۔۔۔ کیا زندہ رہنے کے لیے یہی کافی نہیں؟‘‘

عفّت اور دوسری لڑکی خاموش بیٹھی تھیں۔ شوشو نے پھر کہنا شروع کیا۔

’’میں اپنا جیون ساتھی ایک ایسے نوجوان کو بنانا چاہتی ہوں۔ جو صرف عمر کے لحاظ سے ہی جوان نہ ہو، بلکہ اُس کا دل، اس کا دماغ۔۔۔۔۔۔ اُس کا رؤاں رؤاں جوان ہو۔۔۔۔۔ وہ شاعر ہو۔۔۔۔۔۔۔۔ میں شکل و صورت کی قائل نہیں۔۔۔۔۔۔ مجھے شاعر چاہیے جو میری محبت میں گرفتار ہو کر سرتاپا محبت بن جائے۔ جس کو میری ہر بات میں حُسن نظر آئے۔۔۔۔۔۔ جس کے ہر شعر میں میری اور صرف میری تصویر ہو۔۔۔۔۔۔۔ جو میری محبت کی گہرائیوں میں گُم ہو جائے۔۔۔۔۔۔۔ میں اسے ان تمام چیزوں کے بدلے میں اپنی نسوانیت کا وہ تخفہ دوں گی۔ جو آج تک کوئی عورت نہیں دے سکی۔ ‘‘

وہ خاموش ہو گئی۔ عفّت حیرت کے مارے اُس کا منہ تکنے لگی۔ اس کے چہرے سے معلوم ہوتا تھا۔ کہ وہ سوشیلا کی گفتگو کا کوئی مطلب نہیں سمجھ سکی۔ میں خود متحیّر تھا۔ کہ پندرہ سولہ برس کی اس دُبلی پتلی لڑکی کے سینے میں کیسے کیسے خیالات کروٹیں لے رہے ہیں۔ اس کا ایک ایک لفظ دماغ میں گونج رہا تھا۔

’’اگر وہ مجھے نظر آ جائے‘‘

یہ کہہ کر سوشیلا آگے بڑھی اور عفت کے چہرے کو اپنے دونوں ہاتھوں میں لے کر کہنے لگی۔

’’تو میں اس کے استقبال کے لیے بڑھوں اور اس کے ہونٹوں پر وہ بوسہ دوں۔ جو ایک زمانے سے میرے ہونٹوں کے نیچے جل رہا ہے۔ ‘‘

اور شوشو نے عفّت کے حیرت سے کھلے ہوئے ہونٹوں پر اپنے ہونٹ جما دیے۔۔۔۔۔۔۔ اور دیر تک ان کو جمائے رکھا۔ تعجب ہے کہ عفّت بالکل ساکت بیٹھی رہی۔ اور معترض نہ ہوئی۔ جب دونوں کے لب ایک مدھّم آواز کے جُدا ہُوئے اور ان کے چہرے مجھے نظر آئے۔ تو ایک عجیب و غریب نظارہ دیکھنے میں آیا۔ جس کو الفاظ بیان ہی نہیں کر سکتے۔ عفّت اُس شہد کی مکھی کی طرح مسرور متعجب معلوم ہوتی تھی جس نے پہلی مرتبہ پھول کی نازک پتیوں پر بیٹھ کر اس کا رس چوسنے کی لذت محسوس کی ہو۔۔۔۔۔ اور سوشیلا۔۔۔۔۔ وہ اور زیادہ پر اسرار ہو گئی تھی۔

’’آؤ اب سوئیں۔ ‘‘

یہ خواب آلود اور دھیمی آواز عفت کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی کپڑوں کی سرسراہٹ بھی سنائی دی اور میں خیالات کے گہرے سمندر میں غوطہ لگا گیا۔ گندمی رنگ کی ننھی سی گڑیا، اپنے چھوٹے سے دماغ میں کیسے کیسے انوکھے خیالات کی پرورش کر رہی تھی۔۔۔۔۔۔ اور وہ کون سا تحفہ اپنے دامنِ نسوانیت میں چھپائے بیٹھی تھی۔ جو آج تک کوئی عورت مرد کو پیش نہیں کر سکی؟ ۔۔۔۔۔۔ میں نے سوراخ میں سے دیکھا۔ شوشو۔ اور عفت دونوں ایک دوسری کے گلے میں باہیں ڈالے سو رہی تھیں۔ شوشو کے چہرے پر بال بکھرے ہُوئے تھے۔ اور اس کے سانس سے ان میں خفیف سا ارتعاش پیدا ہو رہا تھا۔ وہ کس قدر تروتازہ معلوم ہوتی تھی۔۔۔۔۔۔ واقعی وہ اس قابل تھی کہ اس پر شعر کہے جائیں۔۔۔۔۔ لیکن عباس تو شاعر نہیں تھا؟ ۔۔۔۔۔۔۔ پھر پھر۔۔۔۔۔!

سعادت حسن منٹو

شلجم

کھانا بھجوا دو میرا۔ بہت بھوک لگ رہی ہے‘‘

’’تین بج چکے ہیں اس وقت آپ کو کھانا کہاں ملے گا۔ ؟

’’تین بج چکے ہیں تو کیا ہوا۔ کھانا تو بہر حال ملنا ہی چاہیے۔ آخر میرا حصہ بھی تو اس گھر میں کسی قدر ہے۔

’’کس قدر ہے۔ ‘‘

’’تو اب تم حسابدان بن گئیں جمع تفریق کے سوال کرنے لگیں مجھ سے‘‘

’’جمع تفریق کے سوال نہ کروں تو یہ گھر کب کا اُجڑ گیا ہوتا۔ ‘‘

’’کیا بات ہے آپ کی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ مجھے کھانا ملے گایا نہیں‘

’’آپ ہر روز تین بجے آئیں تو کھانا خاک ملے گا۔ میں تو یہ سمجھتی ہوں کہ اگر آپ اس وقت کسی ہوٹل میں جائیں تو وہاں سے بھی آپ کو دال روٹی نہیں مل سکے گی مجھے آپ کا یہ وطیرہ ہرگز پسند نہیں‘‘

’’کون سا وطیرہ۔ ‘‘

’’یہی کہ آپ تین بجے تشریف لائے ہیں کھانا پڑا جھک مارتا رہتا ہے میں الگ انتظار کرتی رہتی ہوں مگر آنجناب خدا معلوم کہاں غائب رہتے ہیں‘‘

’’بھئی دنیا میں انسان کو کئی کام ہوتے ہیں میں صرف دو دن ہی تو ذرا دیر سے آیا۔

’’ذرا دیر سے۔ ؟ ہر خاوند کو چاہیئے کہ وہ گھر میں بارہ بجے موجود ہو تاکہ اسے 1 بجے تک کھانا مل جائے ٗ اس کے علاوہ اسے اپنی بیوی کا تابع فرمان ہونا چاہیے اس لیے یہی بہتر ہے کہ وہ کسی ہوٹل میں جا رہے جہاں کے تمام نوکر اور بہرے اس کے تابع فرمان ہوں۔

’’آپ کا ارادہ تو یہی ہے جب ہی تو آپ کئی دن سے پر تول رہے ہیں میںآپ سے کہتی ہوں ابھی چلے جائیے۔

’’کھانا کھائے بغیر۔ ‘‘

’’جائیے ہوٹل میں آپ کو مل جائے گا۔

’’لیکن تم نے تو ابھی کہا تھا کہ اس وقت کسی ہوٹل میں بھی دال روٹی نہیں ملے گی بات کر کے بھول جاتی ہو۔ ‘‘

’’میرا دماغ خراب ہو چکا ہے بلکہ کر دیا گیا ہے‘‘

’’یہ تو صحیح ہے کہ تمہارا دماغ خراب ہے لیکن یہ خرابی کس نے پیدا کی‘‘

’’خدا نہ کرے تم مرد۔ لیکن مجھے یہ تو بتاؤ‘‘

میرے بغیر تمہارا گزارہ کیسے ہو گا۔ ‘‘

’’میں اپنی موٹر بیچ لُوں گی۔ ‘‘

اس سے تمھیں کتنا روپیہ مل جائے گا۔ ‘‘

’’چھ سات ہزار تو مل ہی جائیں گے‘‘

ان چھ سات ہزار روپوں میں تم کتنے عرصہ تک اپنا اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پال سکو گی۔

’’میں آپ کی طرح لکھ لُٹ اور فضول خرچ نہیں آپ دیکھیے گا میں ان روپوں میں ساری عُمر گزار دُوں گی میرے بال بچے اسی طرح پلیں گے جس طرح اب پل رہے ہیں۔ یہ‘‘

’’یہ ترکیب مجھے بھی بتا دو مجھے یقین ہے کہ تمھیں کوئی ایسا منتر ہاتھ آگیا ہے جس سے تم نوٹ دُگنے بنا سکتی ہو ہر روز بٹوے سے نوٹ نکالے ان پر منتر پھونکا اور وہ دُگنے ہو گئے۔

’’آپ میرا مذاق اُڑا تے ہیں۔ شرم آنی چاہیے آپ کو۔

’’چلو ہٹاؤ اس قصے کو۔ کھانا دو مجھے۔ ‘‘

’’کھانا آپ کو نہیں ملے گا۔ ‘‘

’’بھئی آخر کیوں۔ میرا قصور کیا ہے‘‘

’’آپ کے قصور اور آپ کی خطائیں اگر میں گنوانا شروع کروں تو میری ساری عمر بیت جائے۔

’’آپ نے اور کس نے میری جان کا روگ بنے ہوئے ہیں مجھے نہ رات کا چین نصیب ہے نہ دن کا۔ دن کا تم چھوڑو رات کا چین آپ کو نصیب کیوں نہیں۔ بڑے اطمینان سے سوئی رہتی ہیں جیسے محاورے۔ کے مطابق کوئی گھوڑے بیچ کر سو رہا ہو۔ اپنے گھوڑے بیچ کر آدمی کیسے سو سکتا ہے کتنا واہیات محاورہ ہے‘‘

واہیات ہی سہی لیکن ابھی چند روز ہوئے تم نے گھوڑا اور اس کے ساتھ تانگہ بھی بیچ ڈالا تھا اور اُس دن تم رات بھر خراٹے لیتی رہی تھیں۔ مجھے تانگہ رکھنے کی کیا ضرورت تھی، جب کہ آپ نے مجھے موٹر لے دی تھی اور خراٹے بھرنے کا الزام بھی غلط ہے۔

’’محترمہ جب آپ خواب خرگوش میں تھیں تو آپ کو کیسے پتہ چلتا کہ آپ خراٹے لیتی ہیں بخدا اس رات میں بالکل نہ سو سکا۔

’’اس کا اوّل جھوٹ اور اس کا آخر جھوٹ‘‘

’’چلیے تمہاری خاطر اب مان لیا۔ اب کھانا دو۔ ‘‘

’’کھانا نہیں ملے گا آج۔ آپ کسی ہوٹل میں جائیے اور میں یہ چاہتی ہوں کہ آپ وہیں بسیرا کر لیجیے۔

’’تم کیا کروگی۔ ‘‘

’’میں۔ میں مرتو نہیں جاؤں گی آپ کے بغیر۔ ‘‘

’’دیکھو بیگم اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔ اگر تم نے کھانا نہ دیا تو میں اس گھر کو آگ لگا دُوں گا غضب خدا کا میرے پیٹ کا بھوک کے مارے بُرا حال ہو گیا ہے اور تم واہی تباہی بک رہی ہو مجھے کل اور آج ایک ضروری کام تھا اس لیے مجھے دیر ہو گئی اور تم نے مجھ پر الزام دھر دیا کہ میں ہر روز دیر سے آتا ہوں کھانا دو مجھے ورنہ۔ ‘‘

’’آپ مجھے ایسی دھونس نہ دیں، کھانا نہیں ملے گا آپ کو‘‘

’’یہ میرا گھر ہے میں جب چاہوں آؤں جب چاہوں جاؤں تم کون ہو کہ مجھ پر ایسی سختیاں کرو میں تم سے کہے دیتا ہوں کہ تمہارا یہ مزاج تمہارے حق میں اچھا ثابت نہیں ہو گا۔ ‘‘

’’آپ کا مزاج میرے حق میں تو بڑا اچھا ثابت ہوا ہے۔ دن رات کڑھ کڑھ کے میرا یہ حال ہو گیا ہے۔ ‘‘

’’دس پاؤنڈ وزن اور بڑھ گیا ہے بس یہی حال ہوا ہے تمہارا۔ اور میں تمہاری زُود رنج اور چڑ چڑی طبیعت کے باعث بیمارہو گیا ہوں۔ ‘‘

’’کیا بیماری ہے آپ کو۔ ‘‘

’’تم نے کبھی پوچھا ہے کہ میں اس قدر تھکا تھکا کیوں رہتا ہے۔ کبھی تم نے غور کیا کہ سیڑھیاں چڑھتے وقت میرا سانس کیوں پھول جاتا ہے۔ کبھی تم کو اتنی توفیق ہوئی کہ میرا سر ہی دبائیں جو اکثر درد کے باعث پھٹنے کے قریب ہوتا ہے تم عجیب قسم کی رفیقہ ءِ حیات ہو‘‘

’’اگر مجھے معلوم ہوتا کہ آپ ایسا خاوند میرے پلے باندھ دیا جائے گا تو میں نے وہیں اپنے گھر پر ہی زہر پھانک لیا ہوتا۔ ‘‘

’’زہر تم اب بھی پھانک سکتی ہو۔ کہو تو میں ابھی لا دُوں‘‘

’’لے آئیے۔ ‘‘

’’لیکن مجھے پہلے کھانا کھلا دو‘‘

’’میں کہہ چکی ہوں وہ نہیں ملے گا آپ کو آج‘‘

’’کل سے تو خیر مل ہی جائے گا۔ اس لیے میں کوشش کرتا ہوں‘‘

’’آپ کیا کوشش کیجیے گا۔ ‘‘

’’خانساماں کو بُلاتا ہوں‘‘

’’آپ اُسے نہیں بلا سکتے۔ ‘‘

’’کیوں۔ ؟‘‘

’’بس میں نے کہہ جو دیا کہ آپ کو ان معاملوں میں دخل دینے کا کوئی حق نہیں‘‘

’’حد ہو گئی۔ اپنے گھر میں اپنے خانساماں کو بھی نہیں بلا سکتا۔

’’نو کر کہاں ہے۔ ‘‘

’’جہنم میں۔ ‘‘

’’اس وقت میں بھی اُسی جگہ ہوں لیکن میں اس کو دیکھ نہیں پاتا ادھر ہٹو ذرا میں اسے تلاش کروں شاید مل جائے۔ ‘‘

’’اس سے کیا کہنا ہے آپ کو۔ ؟‘‘

’’کچھ نہیں۔ صرف اتنا کہوں گا کہ تم علیحدہ ہو جاؤ تمہارے بدلے میں اس گھر کی نوکری خود کیا کروں گا۔ ‘‘

’’آپ کر چکے۔ ‘‘

’’سلام حضور۔ بیگم صاحب سالن تیار ہے صاحب لگا دُوں ٹیبل پر۔ ‘‘

’’تم دُور دفعان ہو جاؤ یہاں سے‘‘

’’لیکن بیگم صاحب آپ نے صبح جب خود باورچی خانے میں شلجم پکائے تو وہ سب کے سب جل گئے کہ آنچ تیز تھی اس کے بعد آپ نے آرڈر دیا کہ صاحب دیر سے آئیں گے اس لیے تم جلدی جلدی کوئی اور سالن تیار کر لو سو میں نے آپ کے حکم کے مطابق دو گھنٹوں کے اندر اندر دو سالن تیار کرلیے ہیں اب فرمائیں ٹیبل لگا دوں دونوں انگیٹیھوں پر دھرے ہیں ایسا نہ ہو آپ کے شلجموں کی طرح جل کر کوئلہ ہو جائیں۔ میں جاتا ہوں آپ جب بھی آرڈر دیں گی خادم ٹیبل لگا دے گا۔ ‘‘

’’تو یہ بات تھی۔ ‘‘

’’کیا بات تھی۔ میں اتنی دیر تک باورچی خانے کی گرمی میں جھلستی رہی اس کا آپ کو کچھ خیال ہی نہیں۔ آپ کو شلجم پسند ہیں تو میں نے سوچا خود اپنے ہاتھ سے پکاؤں کتاب ہاتھ میں تھی جس میں ساری ترکیب لکھی ہوئی تھی۔ کتاب پڑھتے پڑھتے میں سو گئی اور وہ کم بخت شلجم جل بھُن کر کوئلہ بن گئے۔ اب اس میں میرا کیا قصور ہے۔ ‘‘

’’کوئی قصور نہیں۔ ‘‘

’’چلیے میرے پیٹ میں چوہے دوڑ رہے ہیں‘‘

’’یہاں تو بڑے بڑے مگر مچھ دوڑ رہے ہیں‘‘

’’ہر بات میں مذاق۔ ‘‘

’’مذاق برطرف۔ ذرا ادھر آؤ۔ میں تمہارے شلجم دیکھنا چاہتا ہوں۔ کہیں وہ بھی کوئلہ نہیں بن گئے۔ ‘‘

’’کھانا کھانے کے بعد دیکھا جائے گا۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

شغل

یہ پچھلے دنوں کی بات ہے جب ہم برسات میں سڑکیں صاف کرکے اپنا پیٹ پال رہے تھے۔ ہم میں سے کچھ کسان تھے اور کچھ مزدوری پیشہ، چونکہ پہاڑی دیہاتوں میں روپے کا منہ دیکھنا بہت کم نصیب ہوتا ہے۔ اس لیے ہم سب خوشی سے چھ آنے روزانہ پر سارا دن پتھر ہٹاتے رہتے تھے۔ جو بارشوں کے زور سے ساتھ والی پہاڑیوں سے لڑھک کر سڑک پر آ گرتے تھے۔ پتھروں کو سڑک پر سے پرے ہٹانا تو خیر اک معمولی بات تھی۔

ہم تو اس اُجرت پر ان پہاڑیوں کو ڈھانے پر بھی تیار تھے۔ جو ہمارے گردوپیش سیاہ اور ڈراؤنے دیوؤں کی طرح اکڑی کھڑی تھیں۔ دراصل ہمارے بازوسخت سے سخت مشقت کے عادی تھے۔ اس لیے یہ کام ہمارے لیے بالکل معمولی تھا۔ البتہ جب کبھی ہمیں سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے پتھر کاٹنا ہوتے، تو رات کو ہمیں بہت تکان محسوس ہوتی تھی۔ پٹھے اکڑ جاتے اور صبح کو بیدار ہوتے وقت ایسا محسوس ہوتا کہ وہ تمام پتھر جنھیں ہم گزشتہ روز کاٹتے اور پھوڑتے رہے ہیں۔ ہمارے جسموں پر بوجھ ڈالے ہوئے ہیں۔ مگر ایسا کبھی کبھی ہوتا تھا۔ ہمارا کام جو روز صبح سات بجے شروع ہوتا تھا۔ جب طلوع ہوتے ہوئے سورج کی طلائی کرنیں چیڑ کے دراز قد درختوں سے چھن چھن کر ہمارے پاس والے نالے کے خشم آلود پانی سے اٹکھیلیاں کر رہی ہوتیں۔ اور آس پاس کی جھاڑیوں میں ننھے ننھے پرندے اپنے گلے پھلا پھلا کر چیخ رہے ہوتے۔ یوں کہیے کہ ہم قدرت کو اپنے خواب سے بیدار ہوتا دیکھتے تھے۔ صبح کی ہلکی پھلکی ہوا میں شبنم آلود سبز جھاڑیوں کی دلنواز سرسراہٹ نانے میں سنگریزوں سے کھیلتے ہُوئے کف آلود پانی کا شور۔ اور برسات کے پانی میں بھیگی ہُوئی مٹی کی بھینی بھینی خوشبو، چند ایسی چیزیں تھیں۔ جو ہمارے سنگین سینوں میں ایک ایسی طاقت پیدا کر دیتی تھیں۔ جو زندگی کے اس دوزخ میں ہمیں بہشت کے خواب دکھانے لگتی۔ ہمیں ہر روز بارہ گھنٹے کام کرنا پڑتا تھا۔ یعنی سارا دن ہم سڑک کی موریوں اور پتھروں کو صاف کرتے رہتے تھے۔

یہ کام دلچسپ نہ تھا۔ مگر ہم نے اس کی ناخوشگوار یک آہنگی کو دور کرنے کے لیے ایک طریقہ ایجاد کر لیا تھا جب ہم سب اس پہاڑی کے نیچے جمع شدہ ملبے کو اپنے بیلچوں سے ہٹا رہے ہوتے جس کے سنگریزے ہر وقت سڑک پر گرتے رہتے تھے۔ تو ہم ایک سُر میں کوئی پہاڑی گیت شروع کر دیتے، ملبے کے پتھروں سے ٹکرا کر ہمارے بیلچوں کی جھنکار اس گیت کی تال کا کام دیتی تھی۔ یہ گیت اس افسردگی کو دُور کر دیتا، جو یہ غیر دلچسپ کام کرنے سے ہمارے دلوں میں پیدا ہو جاتی ہے۔ جب تک اُس کے سُر ہماری چوڑی چھاتیوں میں سے نکلتے رہتے ہم محسوس تک نہ کرتے کہ اس دوران ہم نے ملبے کے ایک بہت بڑے ڈھیر کو صاف کر لیا ہے۔ موٹر لاریوں کی آمدورفت سے بھی ہمارا دل بہلا رہتا تھا۔ جو رنگ برنگ مسافروں کو کشمیر سے واپس یا کشمیر کی طرف لے جاتی رہتی تھیں۔ جب کبھی کوئی لاری ہمارے پاس سے گزرتی تو ہم کچھ عرصہ کے لیے اپنی جھکی ہوئی کمریں سیدھی کرکے سڑک کے ایک طرف کھڑے ہو جاتے اور زمین پر اپنے بیلچے ٹیک کر اس کو سامنے والے موڑ کے عقب میں گُم ہوتے دیکھتے رہتے۔ ان لاریوں کو اتنی دور تک دیکھتے رہنے کا مقصد یہ تھا کہ ہم تھوڑا سستا لیں۔ مگر بعض اوقات ان لاریوں کی شاندار اسباب سے لدی ہوئی چھتیں اور ان کی کھڑکیوں سے مسافروں کے لہراتے ہوئے ریشمی کپڑوں کی ایک جھلک ہمارے دلوں میں ایک ناقابل بیان تلخی پیدا کر دیتی تھی۔ اور ہم اپنے آپ کو ان پتھروں کی طرح فضول اور ناکارہ تصّور کرنے لگتے تھے۔ جن کو ہمارے بیلچوں کے دھکّے ادھر اُدھر ٹپکتے رہتے تھے۔ ان مسافروں کے طرح طرح کے لباس دیکھ کر جن پر یقیناًبہت سے روپے صرف آئے ہوں گے۔ ہم غیر ارادی طور پر اپنے کپڑوں کی طرف دیکھنا شروع کر دیتے تھے۔ ہم میں سے اکثر کا لباس پٹّو کے تنگ پائجامے، گاڑھے کی قمیض اور لدھیانے کی صدری پر مشتمل تھا۔ سب کے پائجامے یا تو گھٹنوں پر سے گِھس گِھس کر اتنے باریک ہو گئے تھے کہ ان میں جسم کے بالوں کی پوری نمائش ہوتی تھی یا بالکل پھٹے ہوئے تھے۔ قمیضوں اور صدریوں کی بھی یہی حالت تھی۔ ان پر جگہ جگہ مختلف رنگ کے پیوند لگے ہوئے تھے۔ قریب قریب ہم سب کی قمیضوں کے بٹن غائب تھے۔ اس لیے سینے عام طور پر کھلے رہتے تھے۔ اور کام کرتے وقت ان پر پسینے کی بوندیں صاف نظر آتی تھیں۔ بارہ بجے کے قریب ہم کام چھوڑ کر کھانے کے لیے سڑک کے نیچے اُتر کر پیڑ کے سائے تلے بیٹھ جاتے تھے۔ یہ کھانا ہم صبح کپڑے میں باندھ کر اپنے ساتھ لاتے تھے۔ ’’تین ڈھوڈے‘‘ (مکی کی موٹی روٹیاں ) اور عام طور پر سرسوں کا ساگ ہوتا تھا جس کو ہم اپنے بھُوکے پیٹ میں ڈالتے تھے۔ کھانے کے بعد ہم پانی عموماً نالے سے پیا کرتے تھے۔ اور جس روز بارش کی زیادتی کے باعث اس کا پانی زیادہ گدلا ہو جائے تو ہم دُور سڑک کے اُس پار چلے جایا کرتے تھے جہاں صاف پانی کا ایک چشمہ پھوٹتا ہے۔ کھانے سے فارغ ہو کر ہم فوراً کام شروع کر دیتے تھے۔

مگر ہمارا جی چاہتا تھا کہ نرم نرم گھاس پر لیٹ کر تھوڑی دیر سستا لیں اور پھر کام شروع کریں۔ مگر یہ کیونکر ہو سکتا تھا جب کہ ہمیں ہر وقت اس بات کا خیال رہتا تھا۔ کہ پورا کام کیے بغیر اُجرت نہ ملے گی۔ ہمارا مطمح نظر کام کرنا اور اس حیلے سے اپنا پیٹ پالنا تھا۔ اور چونکہ ہمیں معلوم تھا کہ ہم میں سے کسی نے اگر اپنے کام میں ذرا سی سُست رفتاری یا بے دلی کا اظہار کیا تو تاش کی گڈی سے ناکارہ جوکر کی طرح باہر پھینک دیا جائے گا۔ اس لیے ہم دل لگا کر کام کیا کرتے تھے تاکہ ہمارے افسروں کو شکایت کا موقع نہ ملے۔ اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ ہمارے افسر ہم پر بہت خوش تھے۔ یہ کیونکر ہو سکتا ہے۔ وہ بڑے آدمی ٹھہرے اس لیے ان کا جائز و ناجائز طور پر خفا ہونا بھی درست ہوتا ہے۔ کبھی یہ لوگ ایسے ہی ہمارے کام کا معائنہ کرتے وقت اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہُوئے ہم پر برس پڑتے تھے۔ لیکن ہم جو ان کی بڑائی کو بخوبی سمجھتے تھے۔ مہاراج، مہاراج کہہ کر ان کا غصّہ سرد کر دیا کرتے۔ ہم جانتے تھے، کہ ان کا غصّہ بالکل بے جا ہے لیکن یہ احساس ہمارے دلوں میں نفرت کے جذبات پیدا نہیں کرتا تھا۔ شاید اس لیے کہ کوزشوں نے ہم کو بالکل مُردہ بنا رکھا ہے۔ یا پھر اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ ہم کو یہ خوف دامن گیر رہتا تھا کہ اگر ہم اپنے موجودہ کام سے ہٹا دئیے گئے تو ہماری روزی بند ہو جائے گی۔ ہم اپنے کام سے مطمئن تھے۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہم تھوڑی مزدوری اور زیادہ کام کے مسئلے پر بہت کم غور کرتے تھے۔ اس کی ضرورت بھی کیا ہے۔ اس لیے کہ یہ کام پڑھے لکھے آدمیوں کا ہے۔ اور ہم بالکل ان پڑھ اور جاہل تھے۔ دراصل بات یہ ہے کہ ہماری دنیا بالکل الگ تھلگ تھی جس کی سرحدیں پتھر توڑنے یا ان کو ہٹانے، بارہ بجے روٹی کھانے اور پھر کام کرنے اور اس کے بعد اپنے اپنے ڈیروں میں سو جانے تک ختم ہو جاتی تھیں۔ ہمیں ان حدود کے باہر کسی شے سے کوئی سروکار نہ تھا۔ دوسرے الفاظ میں اپنا اور اپنے متعلقین کا پیٹ پالنے کے دھندے میں ہم کچھ ایسی بُری طرح پھنس کر رہ گئے تھے کہ اس کے باہر نکل کر ہم کسی اور شے کی خواہش کرنا ہی بھول گئے تھے۔ ہمارے کام پر سڑکوں کے محکمے کی طرف سے ایک نگران مقرر تھا۔ جو دن کا بیشتر حصہ سٹرک کے ایک طرف چارپائی بچھا کر بیٹھے رہنے میں وقت گزار دیتا۔ یہ ذات کا پنڈت تھا۔ اونچے طبقے کا امتیازی نشان سیندور کے تلک کی صورت میں ہر وقت اس کی سفید پیشانی پر چمکتا رہتا تھا۔ ہم اپنے نگران کو احترام اور عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔

اوّل اس لیے کہ وہ برہمن تھا اور دوسرے اس لیے کہ ہم اس کے ماتحت تھے۔ چنانچہ ادھر اُدھر کے دوسرے کاموں کے علاوہ ہم باری باری دن میں کئی بار اس کے پینے کے لیے حُقہ تازہ کیا کرتے تھے اور آگ بنا کر اس کی چلمیں بھرا کرتے تھے۔ پنڈت کا کام صرف یہ تھا کہ صبح چارپائی پر اپنے گیروے رنگ کی کلف لگی پگڑی اور ریشمی کوٹ اتار کر اپنے گنجے سر پر ہاتھ پھیرتے ہُوئے ہماری حاضری لگائے۔ اور پھر ایک بڑے رجسٹر میں کچھ درج کرنے کے بعد ادھر اُدھر ٹہلتا رہے یا حقہ پیتا رہے وہ اپنے کام میں بہت کم دلچسپی لیتا تھا۔ البتہ جب کبھی معائنے کے لیے کسی افسر کی موٹر ادھر سے گزرتی تھی تو وہ اپنی چارپائی اٹھوا ہمارے پاس کھڑا ہو جایا کرتا تھا۔ اس کی اس چالاکی پر ہم دل ہی دل میں بہت ہنسا کرتے تھے۔ ایک روز جبکہ صبح سے ہلکی ہلکی پھوار پڑ رہی تھی۔ اور ہم بارہ بجے کھانے سے فارغ ہو کر حسبِ معمول اپنے کام میں مشغول تھے۔ موٹر کے ہارن نے ہمیں چونکا دیا لاریوں کی نسبت ہم موٹروں کے دیکھنے کے بہت شائق تھے۔ اس لیے کہ ان میں ہماری بُھوکی نظروں کے دیکھنے کے لیے عجیب و غریب چیزیں نظر آتی تھیں۔ ہم کمریں سیدھی کرکے کھڑے ہو گئے۔ اتنے میں موٹر کے عقب سے سبز رنگ کی ایک چھوٹی موٹر نمودار ہوئی جب یہ ہمارے قریب پہنچی۔ تو ہم نے دیکھا کہ اس کی باڈی بارش کے ننھے ننھے قطروں کے نیچے چمک رہی ہے بہت آہستہ آہستہ چل رہی تھی۔ شاید اس لیے کہ پچھلی سیٹ پر جو دو صاحب بیٹھے ہوئے تھے۔ ان میں ایک اپنی رانوں پر گراموفون رکھے بجا رہے تھے۔ جب یہ موٹر ہمارے مقابل آئی تو ریکارڈ کی آواز سڑک کے ساتھ والی پہاڑی کے پتھروں سے ٹکرا کر فضا میں گونجی۔ کوئی گا رہا تھا۔ نہ میں کسی کا، نہ کوئی میرا چھایا چاروں اور اندھیرا اب کچھ سوجھت ناہیں، موہے اب کچھ آواز میں بے حد درد تھا۔ ایک لمحے کے لیے ایسا معلوم ہوا کہ ہم شاید بحرِ ظلمات میں ڈُوب گئے۔ جب موٹر اپنی نیم وا کھڑکیوں سے اس گیت کے درد ناک سُر بکھیرتی ہوئی ہماری نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ تو ہم سب نے ایک آہ بھر کر اپنا کام شروع کر دیا۔ شام کے قریب جب سُورج کی سرخ اور گرم ٹکیا پگھلے ہُوئے تانبے کا رنگ اختیار کرکے ایک سیاہ پہاڑی کے پیچے چھپ رہی تھی۔ اور اس کی عنابی کرنیں دراز قد درختوں کی چوٹیوں سے کھیل رہی تھیں۔ سبز رنگ کی وہی موٹر اس طرف سے واپس آتی دکھائی دی۔ جدھر وہ دوپہر کو گئی تھی۔ جب ہم نے اس کے ہارن کی آواز سنی تو کام چھوڑ کر اس کو دیکھنے لگے۔ آہستہ آہستہ چلتی ہوئی وہ ہمارے آگے سے گزر گئی۔ اور پھر دفعتہ ہم سے آدھی جریب کے فاصلے پر کھڑی ہو گئی۔ وہ باجا جو اس میں بج رہا تھا۔ خاموش ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد پچھلی سیٹ سے ایک نوجوان دروازہ کھول کر باہر نکلا، اور اپنی پتلون کو کمر پر سے درست کرتا ہوا ہمارے پاس سے گزرا، اور آہستہ آہستہ اس پل کی طرف روانہ ہو گیا، جو سامنے نالے پر بندھا ہوا تھا۔ یہ خیال کرکے کہ وہ نالے کے پانی کا نظارہ کرنے کے لیے گیا ہے۔ جیسا کہ عام طور پر ادھر سے گزرنے والے مسافر کیا کرتے تھے۔ ہم اپنے کام میں مصروف ہو گئے۔ ابھی ہمیں اپنا کام شروع کیے پانچ منٹ سے زیادہ عرصہ نہ گزرا ہو گا کہ پُل کی طرف سے تالی کی آواز بلند ہُوئی۔ ہم نے مُڑ کر دیکھا۔ پتلون پوش نوجوان سڑک کے ساتھ پتھروں سے چُنی ہوئی دیوار کے پاس کھڑا غالباً موٹر میں اپنے ساتھیوں کو متوجہ کر رہا تھا۔ سنگین منڈیر پر اس نوجوان سے کچھ دُور ایک لڑکی بیٹھی ہوئی تھی۔ ہم میں سے ایک نے اپنے بیلچے کو بڑے زور سے موری کی گیلی مٹی میں گاڑتے ہُوئے کہا۔

’’یہ رام دئی ہے‘‘

کالو نے جو اس کے پاس کھڑا تھا۔ دریافت کیا

’’رام دئی؟‘‘

’’سنتو چمار کی لڑکی اور کون؟‘‘

۔ اس کے لہجے میں بیلچے کے لوہے ایسی سختی تھی۔ ہم باقی چار حیران تھے کہ اس گفتگو کا مطلب کیا ہے۔ اگر وہ لڑکی جو منڈیر پر بیٹھی ہے۔ سنتو چمار کی لڑکی ہے، تو کون سی اہم بات ہے، کہ ہمارا ساتھی اس قدر تیز بول رہا ہے۔ ہم غور کر رہے تھے۔ کہ فضل نے جو ہم سب سے عمر میں بڑا تھا۔ اور نماز روزے کا بہت پابند تھا۔ اپنی داڑھی کھجلاتے ہوئے نہایت ہی مفکرانہ لہجے میں کہا:۔

’’دنیا میں ایک اندھیر مچا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ خُدا معلوم لوگوں کو کیا ہو گیا ہے۔ ‘‘

یہ سُن کر ہم باقی تین اصل معاملے سے آگاہ ہو کر سب کچھ سمجھ گئے۔ اور اس احساس نے ہمارے دلوں میں غم اور غصّے کی ایک عجیب کیفیت طاری کر دی۔ تالی کی آواز سُن کر موٹر کی پچھلی نشست سے پتلون پوش کے ساتھی نے اپنا سر باہر نکالا۔ اور یہ دیکھ کر کہ اس کا دوست اُسے بلا رہا ہے۔ دروازہ کھول کر باہر نکلا۔ اور ہمارے قریب سے گزرتا ہوا پُل کی جانب روانہ ہو گیا۔ ہم بیوقوف بکریوں کی طرح اسے اپنے دوست کے پاس جاتا دیکھتے رہے۔ جب پتلون پوش نوجوان کا دوست اس کے پاس پہنچ گیا۔ تو وہ دونوں لڑکی کی طرف بڑھے۔ اور اس سے باتیں کرنا شروع کر دیں۔ یہ دیکھ کر کالو پیچ و تاب کھا کر رہ گیا۔ اور خشم آلود لہجے میں بولا:۔ بدمعاش۔۔۔۔۔۔۔۔۔ !‘‘

فضل نے سرد آہ بھری اور مغموم لہجے میں کہنے لگا۔

’’جب سے یہ سڑک بنی ہے۔ اور ایسے بابوؤں کی آمدورفت زیادہ ہو گئی ہے۔ یہاں کے تمام علاقوں میں گندگی پھیل گئی ہے۔ لوگ کہتے ہیں۔ کہ یہ سڑک بننے سے بہت آرام ہو گیا ہے۔ ہو گا مگر اس قسم کی بے شرمی کے نظارے پہلے کبھی دیکھنے میں نہ آتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خدا بچائے!‘‘

اس دوران میں پتلون پوش کے ساتھی نے لڑکی کو بازو سے پکڑ لیا۔ اور غالباً اس کو اُٹھ کر چلنے کے لیے کہا۔ مگر وہ اپنی جگہ پر بیٹھی رہی۔ یہ دیکھ کر کالو سے نہ رہا گیا اور اس نے رام پرشاد سے کہا

’’آؤ یہ لوگ تو اب دست درازی کر رہے ہیں۔ ‘‘

کالو یہ کہہ کر اکیلا ہی اس جانب بڑھنے کو تھا۔ کہ ہم نے اسے روک دیا، اور یہ مشورہ دیا، کہ تمام معاملہ پنڈت کے گوش گزار کر دیا جائے۔ جو چارپائی پر سو رہا ہے اور پھر جو وہ کہے اس پر عمل کیا جائے۔ اس تجویز کو معقول خیال کرکے ہم سب پنڈت کے پاس گئے اور اسے جگا کر سارا قصّہ سنا دیا۔ اس نے ہماری گفتگو کو بڑی بے پروائی سے سُنا۔ جیسے کوئی بات ہی نہیں۔ اور ان دو نوجوانوں کی طرف دیکھ کر جو اب رام دئی کو خدا معلوم کس طریقے سے منا کر اپنے ساتھ لا رہے تھے کہا۔

’’جاؤ تم اپنا کام کرو۔ میں ان سے خود دریافت کر لوں گا۔ ‘‘

یہ جواب سن کر ہم بے چارگی کی حالت میں اپنے کام پرآ گئے۔ لیکن ہم سب کی نگاہیں رام دئی اور ان دو نوجوانوں پر جمی ہوئی تھی۔ جو اب پُل طے کرکے پنڈت کی چارپائی کے قریب پہنچ رہے تھے۔ لڑکے آگے تھے۔ اور رام دئی تھکی ہوئی گھوڑی کی طرح ان کے پیچھے پیچھے چل رہی تھی۔ جب وہ سب پنڈت کے آگے سے گزرنے لگے۔ تو وہ چارپائی پر سے اٹھا۔۔۔۔۔۔۔۔ دو تین منٹ تک ان سے کچھ باتیں کرنے کے بعد وہ بھی ان کے ساتھ ہو لیا۔ جب پنڈت، رام دئی اور وہ نوجوان ہمارے پاس سے گزرے۔ تو ہم نے دیکھا کہ نوجوانوں کے چہروں پر ایک حیوانی جھلک ناچ رہی ہے۔ اور پنڈت بڑے ادب سے ان کے ساتھ چل رہا ہے۔ رام دئی کی نظریں جھکی ہوئی تھیں۔ موٹر کے پاس پہنچ کر پنڈت نے آگے بڑھ کر اس کا دروازہ کھولا۔ پہلے پتلون پوش پھر رام دئی اور اس کے بعد دوسرا نوجوان موٹر میں داخل ہو گئے۔ ہمارے دیکھتے دیکھتے موٹر چلی اور نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ اور ہم آنکھیں جھپکتے رہ گئے۔

’’شیطان، مردود!!‘‘

کالو نے بڑے اضطراب سے یہ دو لفظ ادا کیے۔ اتنے میں پنڈت آ گیا۔ اور ہم کو مضطرب دیکھ کر ایک مصنوعی آواز میں کہنے لگا۔ میں نے ان سے دریافت کیا ہے۔ کوئی بات نہیں۔ وہ لڑکی کو ذرا موٹر کی سیر کرانا چاہتے تھے۔ انسپکٹر صاحب کے مہمان ہیں۔ اور ڈاک بنگلے میں ٹھہرے ہُوئے ہیں۔ تھوڑی دور لے جا کر اسے چھوڑ دیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ امیر آدمی ہیں۔ ان کے شغل اسی قسم کے ہوتے ہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر پنڈت چلا گیا۔ ہم دیر تک خُدا معلوم کن گہرائیوں میں غرق رہے۔ کہ دفعتہ فضل کی آواز نے ہمیں چونکا دیا۔ دو مرتبہ زور سے تھوک کر اس نے اپنے ہاتھوں کو گیلا کیا۔ اور بیلچے کو سنگریزوں کے ڈھیر میں گاڑتے ہوئے کہا۔

’’اگر امیر آدمیوں کے یہی شغل ہیں تو ہم غریبوں کی بہو بیٹیوں کا اللہ بیلی ہے!‘‘

سعادت حسن منٹو

شریفن

جب قاسم نے اپنے گھر کا دروازہ کھولا۔ تو اسے صرف ایک گولی کی جلن تھی جو اس کی دہنی پنڈلی میں گڑ گئی تھی۔ لیکن اندر داخل ہو کر جب اس نے اپنی بیوی کی لاش دیکھی تو اس کی آنکھوں میں خون اتر آیا۔ قریب تھا کہ وہ لکڑیاں پھاڑنے والے گنڈاسے کو اٹھا کر دیوانہ وار نکل جائے اور قتل و گری کا بازار گرم کردے کہ دفعتہً اسے اپنی لڑکی شریفن کا خیال آیا۔

’’شریفن، شریفن‘‘

اس نے بلند آواز میں پکارنا شروع کیا۔ سامنے دالان کے دونوں دروازے بند تھے۔ قاسم نے سوچا۔ شاید ڈر کے مارے اندر چھپ گئی ہو گی۔ چنانچہ وہ اس طرف بڑھا اور درز کے ساتھ منہ لگا کر کہا۔

’’شریفن، شریفن۔ میں ہوں تمہارا باپ۔ ‘‘

مگر اندر سے کوئی جواب نہ آیا۔ قاسم نے دونوں ہاتھوں سے کواڑ کو دھکا دیا۔ پَٹ کھلے اور وہ اوندھے منہ دالان میں گر پڑا۔ سنبھل کر جب اس نے اٹھنا چاہا تو اسے محسوس ہوا کہ وہ کسی۔ قاسم چیخ کیساتھ بیٹھا۔ ایک گز کے فاصلے پر ایک جوان لڑکی کی لاش پڑی تھی۔ ننگی۔ بالکل ننگی گورا گورا سڈول جسم، چھت کی طرف اٹھے ہوئے چھوٹے چھوٹے پستان۔ ایک دم قاسم کا سارا وجود ہل گیا۔ اس کی گہرائیوں سے ایک فلک شگاف چیخ اٹھی۔ لیکن اس کے ہونٹ اس قدر زور سے بھینچے ہوئے تھے کہ باہر نہ نکل سکی۔ اس کی آنکھیں خود بخود بند ہو گئی تھیں۔ پھر بھی اس نے دونوں ہاتھوں سے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا۔ مردہ سی آواز اس کے منہ سے نکلی۔

’’شریفن۔ ‘‘

اور اس نے آنکھیں بند کیے دالان میں اِدھر اُدھر ہاتھ مار کر کچھ کپڑے اٹھائے اور انھیں شریفن کی لاش پر گرا کر وہ یہ دیکھے بغیر ہی باہر نکل گیا کہ وہ اس سے کچھ دور گرے تھے۔ باہر نکل کر اس نے اپنی بیوی کی لاش نہ دیکھی۔ بہت ممکن ہے اسے نظر ہی نہ آئی ہو۔ اس لیے کہ اس کی آنکھیں شریفن کی ننگی لاش سے بھری ہوئی تھیں۔ اس نے کونے میں پڑا ہوا لکڑیاں پھاڑنے والا گنڈاسا اٹھایا اور گھرسے باہر نکل گیا۔ قاسم کی دہنی پنڈلی میں گولی گڑی ہوئی تھی۔ اس کا احساس گھر کے اندر داخل ہوتے ہی اس کے دل و دماغ سے محو ہو گیا تھا۔ اس کی وفادار پیاری بیوی ہلاک ہو چکی تھی۔ اس کا صدمہ بھی اس کے ذہن کے کسی گوشے میں موجود نہیں تھا۔ بار بار اس کی آنکھوں کے سامنے ایک ہی تصویر آتی تھی۔ شریفن کی۔ ننگی شریفن کی۔ اور وہ نیزے کی انی بن بن کر اس کی آنکھوں کو چھیدتی ہوئی اس کی روح میں بھی شگاف ڈال دیتی۔ گنڈاسا ہاتھ میں لیے قاسم سنسان بازاروں میں ابلتے ہوئے لاوے کی طرح بہتا چلا جارہا تھا۔ چوک کے پاس اس کی مڈبھیڑ ایک سکھ سے ہوئی۔ بڑا کڑیل جوان تھا۔ لیکن قاسم نے کچھ ایسے بک تکے پن سے حملہ کیا اور ایسا بھرپور ہاتھ مارا کہ وہ تیز طوفان میں اکھڑے ہوئے درخت کی طرح زمین پر آرہا۔ قاسم کی رگوں میں اس کا خون اور زیادہ گرم ہو گیا۔ اور بجنے لگا۔ تڑتڑ تڑ تڑ۔ جیسے جوش کھاتے ہوئے تیل پرپانی کا ہلکا سا چھینا پڑ جائے۔ دور سڑک کے اس پار اسے چند آدمی نظر آئے۔ تیرکی طرح وہ ان کی طرف بڑھا اسے دیکھ کر ان لوگوں نے

’’ہر ہر مہادیو‘‘

کے نعرے لگائے۔ قاسم نے جواب میں اپنا نعرہ لگانے کے بجائے انھیں ماں باپ کی موٹی موٹی گالیاں دیں اور گنڈاسا تانے ان میں گھس گیا۔ چند منٹوں ہی کے اندر تین لاشیں سڑک پر تڑپ رہی تھیں۔ دوسرے بھاگ گئے لیکن قاسم کا گنڈاسا دیر تک ہوا میں چلتا رہا۔ اصل میں اس کی آنکھیں بند تھیں۔ گنڈاسا گھماتے گھماتے وہ ایک لاش کے ساتھ ٹکرایا اور گر پڑا۔ اس نے سوچا کہ شاید اسے گرالیا گیا ہے۔ چنانچہ اس نے گندی گندی گالیاں دے کر چلانا شروع کیا۔

’’مار ڈالو مجھے، مار ڈالو مجھے۔ ‘‘

لیکن جب کوئی ہاتھ اسے گردن پر محسوس نہ ہوا اور کوئی ضرب اس کے بدن پر نہ پڑی تو اس نے اپنی آنکھیں کھولیں اور دیکھا کہ سڑک پر تین لاشوں اور اس کے سوا اور کوئی بھی نہیں تھا۔ ایک لحظے کے لیے قاسم کو مایوسی ہوئی۔ کیونکہ شاید وہ مرجانا چاہتا تھا لیکن ایک دم شریفن۔ ننگی شریفن کی تصویر اس کی آنکھوں میں پگھلے ہوئے سیسے کی طرح اتر گئی اور اس کے سارے وجود کو بارود کا جلتا ہوا فلیتہ بنا گئی۔ وہ فوراً اٹھا۔ ہاتھ میں گنڈاسا لیا اور پھر کھولتے ہولے لاوے کی طرح سڑک پر بہنے لگا۔ جتنے بازار قاسم نے طے کیے سب خالی تھے۔ ایک گلی میں وہ داخل ہوا۔ لیکن اس میں سب مسلمان تھے۔ اس کو بہت کوفت ہوئی۔ چنانچہ اس نے اپنے لاوے کا رخ دوسری طرف پھیر دیا۔ ایک بازارمیں پہنچ کر اس نے اپنا گنڈاسا اونچا ہوا میں لہرایا اور ماں بہن کی گالیاں اگلنا شروع کیں۔ لیکن ایک دن اسے بہت ہی تکلیف دہ احسان ہوا کہ اب تک وہ صرف ماں بہن کی گالیاں ہی دیتا رہا تھا۔ چنانچہ اس نے فوراً بیٹی کی گالی دینا شروع کی اور ایسی جتنی گالیاں اسے یاد تھیں سب کی سب ایک ہی سانس میں باہر لاٹ دیں۔ پھر بھی اس کی تشفی نہ ہوئی۔ جھنجھلا کر وہ ایک مکان کی طرف بڑھا۔ جس کے دروازے کے اوپر ہندی میں کچھ لکھا تھا۔ دروازہ اندر سے بند تھا۔ قاسم نے دیوانہ وار گنڈاسا چلانا شروع کیا۔ تھوڑی ہی دیر میں دونوں کواٹر ریزہ ریزہ ہو گئے۔ قاسم اندر داخل ہوا۔ چھوٹا سا گھر تھا۔ قاسم نے اپنے سوکھے ہوئے حلق پر زور دے کر پھر گالیاں دینا شروع کیں۔

’’باہر نکلو۔ باہر نکلو۔ ‘‘

سامنے دالان کے دروازے میں چرچراہٹ پیدا ہوئی۔ قاسم اپنے سوکھے ہوئے حلق پر زور دے کر گالیاں دیتا رہا۔ دروازہ کھلا۔ ایک لڑکی نمودار ہوئی۔ قاسم کے ہونٹ بھینچ گئے۔ گرج کر اس نے پوچھا۔

’’کون ہو تم؟‘‘

لڑکی نے خشک ہونٹوں پر زبان پھیری اور جواب دیا۔

’’ہندو۔ ‘‘

قاسم تن کر کھڑا ہو گیا۔ شعلہ بار آنکھوں سے اس نے لڑکی کی طرف دیکھا جس کی عمر چودہ یا پندرہ برس کی تھی اور ہاتھ سے گنڈاسا گرادیا۔ پھر وہ عقاب کی طرح جھپٹا اور اس لڑکی کو دھکیل کر اندر دالان میں لے گیا۔ دونوں ہاتھوں سے اس نے دیوانہ وار کپڑے نوچنے شروع کیے۔ دھجیاں اور چندیاں یوں اڑنے لگیں جیسے کوئی روئی دھنک رہا۔ تقریباً آدھ گھنٹہ قاسم اپناا نتقام لینے میں مصروف رہا۔ لڑکی نے کوئی مزاحمت نہ کی۔ اس لیے کہ وہ فرش پر گرتے ہی بیہوش ہو گئی تھی۔ جب قاسم نے آنکھیں کھولیں تو اس کے دونوں ہاتھ لڑکی کی گردن میں دھنسے ہوئے تھے۔ ایک جھٹکے کے ساتھ انھیں علیحدہ کرکے وہ اٹھا پسینے میں غرق اس نے ایک نظر اس لڑکی کی طرف دیکھا تاکہ اس کی اور تشفی ہوسکے۔ ایک گز کے فاصلے پر اس جوان لڑکی کی لاش پڑی تھی۔ ننگی۔ بالکل ننگی۔ گورا گورا سڈول جسم چھت کی طرف اٹھے ہوئے چھوٹے پستان۔ قاسم کی آنکھیں ایک دم بند ہو گئیں۔ دونوں ہاتھوں سے اس نے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا۔ بدن پر گرم گرم پسینہ برف ہو گیا اور اس کی رگوں میں کھولتا ہوا لاوا پتھر کی طرح منجمد ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک آدمی تلوار سے مسلح مکان کے اندر داخل ہوا۔ اس نے دیکھا کہ دالان میں کوئی شخص آنکھیں بند کیے لرزتے ہاتھوں سے فرش پر پڑی ہوئی چیز پر کمبل ڈال رہا ہے۔ اس نے گرج کر اس سے پوچھا۔

’’کون ہو تم؟‘‘

قاسم چونکا۔ اس کی آنکھیں کھل گئیں مگر اسے کچھ نظر نہ آیا۔ مسلح آدمی چلایا۔

’’قاسم!‘‘

قاسم ایک بار پھر چونکا۔ اس نے اپنے سے کچھ دور کھڑے آدمی کو پہچاننے کی کوشش کی مگر اس کی آنکھوں نے اس کی مدد نہ کی۔ مسلح آدمی نے گھبراتے ہوئے لہجے میں پوچھا۔

’’کیا کررہے ہو تم یہاں؟‘‘

قاسم نے لرزتے ہوئے ہاتھ سے فرش پر پڑے ہوئے کمبل کی طرف ایارہ کیا اور کھوکھلی آواز میں صرف اتنا کہا۔

’’شریفن۔ ‘‘

جلدی سے آگے بڑھ کر مسلح آدمی نے کمبل ہٹایا۔ ننگی لاش دیکھ کر پہلے وہ کانپا، پھر ایک دم اس نے اپنی آنکھیں بند کرلیں۔ تلوار اس کے ہاتھ سے گر پڑی۔ آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر وہ

’’بملا بملا‘‘

کہتا لڑکھڑاتے ہوئے قدموں سے باہر نکل گیا۔

سعادت حسن منٹو

شراب

’’آپ کے منہ سے بُو کیوں آ رہی ہے‘‘

’’کیسی بو؟‘‘

’’جیسی پہلے آیا کرتی تھی۔ مجھے بنانے کی کوشش نہ کیجیے‘‘

’’لاحول ولا، تم بنی بنائی ہو، تمھیں کون بنا سکتا ہے‘‘

’’آپ بات ٹال کیوں رہے ہیں؟

’’میں نے تو آج تک تمہاری کوئی بات نہیں ٹالی‘‘

’’لتے بدن پر جھولنے کا زمانہ آگیا ہے لیکن آپ کو کچھ فکر ہی نہیں‘‘

’’یہ تم نے اچھی کہی۔ تمہارے پاس کم سے کم بارہ ساڑھیاں پندرہ قمیضیں سولہ بلاؤز دس شلواریں اور پانچ بنیانیں ہوں گی اور تم کہتی ہو کہ لتے بدن پر جھولنے کا زمانہ آگیا ہے۔ تم عورتوں کی فطرت ہی یہی ہے کہ ہمیشہ ناشکری رہتی ہو‘‘

’’آپ بس مجھے ہر وقت یہی طعنہ دیتے ہیں۔ بتائیے ان پچھلے چھے مہینوں میں آپ نے مجھے کتنا روپیہ دیا ہے‘‘

حساب تو میرے پاس نہیں لیکن اندازاً چھ سات ہزار روپے ہوں گے‘‘

’’چھ سات ہزار؟ آپ نے ان میں سے کتنے لیے‘‘

’’یہ مجھے یاد نہیں‘‘

’’آپ کو بھلا یہ کب یاد رہے گا۔ چور اُچکے ہیں اول درجے کے۔

’’یہ تمہاری بڑی مہربانی ہے کہ تم نے مجھے اوّل درجے کا رتبہ بخشا۔ بس اب چپ رہو اور سو جاؤ‘‘

’’سو جاؤں؟‘‘

نیند کس کم بخت کو آئے گی۔ جس کا شوہر ایسا گیا گزرا ہو۔ آپ کو کم از کم میرا نہیں تو اپنی ان بچیوں ہی کا کچھ خیال رکھنا چاہیے۔ ان کے تن پر بھی کپڑے نہیں‘‘

ننگی پھرتی ہیں۔ ابھی دس روز ہوئے میں نے تمھیں ایک تھان پوپلین کا لا کر دیا تھا۔ اس سے تم نے تینوں بچیوں کے معلوم نہیں کتنے فراک بنائے۔ اب کہتی ہو کہ ان کے تن پر کپڑے ہی نہیں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ غلط بیانی کیوں ہوتی ہے۔ کل کو تم یہ شکایت کرو گی کہ تمہارے پاس کوئی جوتا کوئی سینڈل نہیں۔ حالانکہ تمہاری الماری میں کئی جوتے اور سینڈلیں پڑی ہیں۔ چار روز ہوئے تمہارے لیے واکنگ شو لے کر آیا تھا۔ ‘‘

’’بڑا احسان کیا تھا آپ نے مجھ پر۔ ‘‘

’’احسان کی بات نہیں۔ میں ایک حقیقت بیان کر رہا ہوں۔ ‘‘

’’آپ حقیقت بیان کررہے ہیں، تو اس حقیقت کا انکشاف بھی کر دیجیے کہ آج آپ کے منہ سے بو کیوں آرہی ہے‘‘

’’کیسی بو‘‘

’’اوہ۔ تو تمہارا مطلب ہے، میں نے شراب پی ہے‘‘

’’مطلب وطلب میں نہیں جانتی، جو بو آپ کے منہ سے میری ناک تک پہنچ رہی ہے صریحاً اسی خبیث چیز کی ہے‘‘

’’خواہ مخواہ تو کوئی شک نہیں کرتا۔ آپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ‘‘

’’بھئی کسی کی بھی قسم لے لو۔ میں نے نہیں پی۔ نہیں پی۔ ۔ نہیں پی‘‘

’’آپ کا اُکھڑا اُکھڑا لہجہ چغلی کھا رہا ہے۔ ‘‘

’’اس لہجے کو جھونکو جہنم میں۔ میں نے نہیں پی۔ !‘‘

’’خدا کرے ایسا ہی ہو۔ لیکن آثار بتا رہے ہیں کہ آپ نے کم از کم آدھی بوتل پی ہے۔ ‘‘

’’یہ اندازہ تم نے کیسے لگایا؟‘‘

’’پندر برس ہو گئے ہیں آپ کے ساتھ زندگی گزارتے۔ کیا میں اتنا بھی نہیں سمجھ سکتی۔ آپ کو یاد ہے۔ ایک مرتبہ آپ نے مجھے ٹیلی فون کیا تھا اور میں نے فوراً آپ کی آواز سے اندازہ لگا کر آپ سے کہاتھا کہ اس وقت آپ چار پیگ پیے ہوئے ہیں۔ کیا یہ جھوٹ تھا؟‘‘

’’نہیں۔ اُس دن میں نے واقعی چار پیگ پیے تھے۔ ‘‘

’’اب میرا اندازہ یہ ہے کہ آپ نے آدھی بوتل پی رکھی ہے۔ اس لیے آپ ہوش میں ہیں‘‘

’’یہ عجیب منطق ہے۔ ‘‘

’’منطق ونطق میں نہیں جانتی۔ میں نے آپ کے ساتھ پندرہ برس گزارے ہیں میں اس دوران میں یہی دیکھتی رہی ہوں کہ آپ دو تین پیگ پئیں تو بہک جاتے ہیں اگر پوری بوتل یا اس کا نصف چڑھا جائیں تو ہوش مند ہو جاتے ہیں‘‘

’’تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ جب بھی میں پیوں تو آدھے سے کم نہ پیوں‘‘

’’آپ کو تو مجھے ایک روز زہر پلانا پڑے گی تاکہ یہ قصہ ہی ختم ہوجائے‘‘

’’کون سا قصہ۔ زُلیخا کا؟‘‘

’’زلیخا کی ایسی کی تیسی۔ میرا نام کچھ اور ہے۔ غالباً آپ اس نشے کے عالم میں بھول گئے ہوں گے‘‘

’’میں تمہارا نام کیسے بھول سکتا ہوں؟‘‘

’’بتائیے کیا نام ہے میرا؟‘‘

’’تمہارا نام۔ تمہارا نام؟۔ لیکن نام میں کیا پڑا ہے چلو آج سے زلیخا ہی سہی‘‘

’’اورآپ یوسف!‘‘

’’قسم خدا کی، آج تم نے طبیعت صاف کر دی میری۔ لو یہ سو روپے کا نوٹ۔ آج اپنے لیے کوئی چیز خرید لو۔ ‘‘

’’یہ نوٹ آپ پاس ہی رکھیے۔ مجھے اس کی کوئی ضرورت نہیں۔ آپ ایسے لمحات میں بہت فیاض ہو جایا کرتے ہیں۔

’’کون سے لمحات میں؟‘‘

’’یہی لمحات جب آپ نے پی رکھی ہو‘‘

’’یہ پی پی کی رٹ تم نے کیا لگا رکھی ہے تم سے سو دفعہ کہہ چکا ہوں کہ پچھلے چھے مہینوں سے میں نے ایک قطرہ بھی نہیں پیا لیکن تم مانتی ہی نہیں۔ اب اس کا علاج کیا ہوسکتا ہے؟‘‘

’’اس کا علاج یہ ہے کہ آپ اپناعلاج کرائیے۔ کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ لیجیے تاکہ وہ آپ کی اس بد عادت کو دُور کرسکے۔ آپ کبھی غور و فکر کریں تو آپ کو معلوم ہو کہ آپ کی صحت کتنی گر چکی ہے۔ ہڈیوں کا ڈھانچہ بن کے رہ گئے ہیں۔ میں ساری رات روتی رہتی ہوں۔ ‘‘

’’صرف ایک دو منٹ رونا کافی ہے، ساری رات رونے کی کیا ضرورت ہے اور پھر اتنا پانی آنکھوں میں کہاں سے آ جاتا ہے جو ساری رات تکیوں کوسیراب کرتا ہے۔ ‘‘

’’آپ مجھ سے مذاق نہ کیجیے‘‘

’’میں مذاق نہیں کررہا۔ ساری رات کوئی عورت، کوئی مرد رو نہیں سکتا۔ البتہ اونٹ یہ سلسلہ کرسکتے ہیں کیونکہ ان کے کوہان میں کافی پانی جمع ہوتا ہے، جو آنسو بن بن کے ان کی آنکھوں سے ٹپک سکتا ہے۔ مگر مچھ ہیں، جن کے آنسو مشہور ہیں۔ یہ پانی میں رہتے ہیں اس لیے ان کو متواثر پانی بہانے میں کوئی دقت محسوس نہیں ہوتی۔ میں آبی حیوان یا جانور نہیں، اور نہ تم ہو‘‘

’’آپ تو فلسفہ بکھیرنے لگتے ہیں‘‘

’’فلسفہ کوئی اور چیز ہے، جس کے متعلق تمہارے فرشتوں کو بھی علم نہیں ہو گا۔ میں صرف ایسی باتیں بیان کررہا تھا جو عام آدمی سوچ سکتا ہے، سمجھ سکتا ہے، مگر افسوس ہے کہ تم نے انھیں نہ سمجھا اور ان پر فلسفے کا لیبل لگا دیا۔ ‘‘

’’میں جاہل ہوں۔ بیوقوف ہوں۔ ان پڑھ ہوں۔ مجھے یہ سب کچھ تسلیم ہے۔ جانے میری بلا کہ فلسفہ کیا ہے؟ میں تو صرف اتنا پوچھنا چاہتی تھی کہ آپ کے منہ سے وہ گندی گندی بو کیوں آرہی ہے؟‘‘

’’میں کیا جانوں۔ ہوسکتا ہے، میں نے آج دانت صاف نہ کیے ہوں‘‘

’’غلط ہے ہم دونوں نے اکٹھے صبح غسل خانے میں دانتوں پر برش کیا تھا۔ ٹوتھ پیسٹ ختم ہو گئی تھی۔ میں نے فوراً نوکر کو بھیجا اور وہ کولی نوس لے کر آیا۔ ‘‘

’’ہاں، ہاں مجھے یاد آیا‘‘

’’آپ ہوش ہی میں نہیں۔ آپ کی یاد کو اب کب تک جگاتی رہوں گی۔ ‘‘

’’یاد کو چھوڑو کل صبح تم ٹھیک پانچ بجے جگا دینا۔ مجھے ایک ضروری کام سے جانا ہے۔ ‘‘

’’ضروری کام کیا ہے آپ کو؟ شراب کی بوتل کا بندوبست کرنا ہو گا۔ ‘‘

’’بھئی، مدت ہوئی میں اس چیز سے نا آشنا ہو چکا ہوں‘‘

’’آج تو آپ پوری طرح آشنا ہو کے آئے ہیں‘‘

’’یہ سراسر بہتان ہے۔ میں تمہاری قسم کھا کے۔ ‘‘

’’میری قسم آپ نہ کھائیے۔ آپ کیسی بھی قسم کھائیں، مجھے آپ کی کسی بات پریقین نہیں آئے گا۔ اس لیے کہ شراب پینے کے بعد آپ کی کوئی بات قابل اعتماد نہیں ہوتی۔ ‘‘

’’یعنی تم ابھی۔ ‘‘

’’آپ کو یہ ہچکی شروع کیوں ہو گئی۔ ‘‘

’’ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ مجھے معلوم نہیں۔ شاید ڈاکٹروں کو بھی نہ ہو۔ ‘‘

’’پانی لاؤں؟‘‘

’’نہیں۔ اندر میری الماری میں گلیسرین پڑی ہے، وہ لے آؤ‘‘

’’اس سے کیا ہو گا۔ ‘‘

’’وہی ہو گا جو منظورِ خدا ہو گا۔ ‘‘

’’آپ نشے میں ہیں۔ ایسا نہ ہو کہ گلیسرین کا استعمال غلط ہو جائے‘‘

’’جاؤ۔ اُس کے چار قطرے فوراً ہچکی بند کر دیں گے۔ ‘‘

’’لیکن آپ کے منہ سے یہ بو کس چیز کی آرہی ہے۔ ‘‘

’’میرے پیچھے۔ کیو۔ کیو۔ کیوں پڑی ہو؟ گلیسرین لاؤ۔ ‘‘

’’لاتی ہوں۔ یہ سب شراب پینے کی وجہ سے ہے۔ ‘‘

’’کس کم بخت نے پی ہے۔ اگر پی ہوتی تو یہ حال نہ ہوتا‘‘

’’لے آئی ہو گلیسرین‘‘

’’جی نہیں، وہاں آپ کی بوتل پڑی تھی۔ اُس میں سے یہ تھوڑی سی گلاس میں ڈال کر لے آئی ہوں۔ پانی کا گلاس بھی ساتھ ہے۔ آپ خود جتنا چاہیں اس میں ملا لیجیے۔ میرا خیال ہے گلیسرین سے آپ کو اتنا فائدہ نہیں پہنچے گا جتنا اس چیز سے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

شاہ دولے کا چوہا

سلیمہ کی جب شادی ہوئی تو وہ اکیس برس کی تھی۔ پانچ برس ہو گئے مگر اُس کے اولاد نہ ہوئی۔ اُس کی ماں اور ساس کو بہت فکرتھی۔ ماں کو زیادہ تھی کہ کہیں اس کا نجیب دوسری شادی نہ کرلے۔ چنانچہ کئی ڈاکٹروں سے مشورہ کیا گیا مگر کوئی بات پیدا نہ ہوئی۔ سلیمہ بہت متفکر تھی۔ شادی کے بعد بہت کم لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں جو اولاد کی خواہش مند نہ ہو۔ اُس نے اپنی ماں سے کئی بار مشورہ کیا۔ ماں کی ہدایتوں پر بھی عمل کیا۔ مگر نتیجہ صفرتھا۔ ایک دن اُس کی ایک سہیلی جو بانجھ قرار دے دی گئی تھی۔ اس کے پاس آئی۔ سلیمہ کو بڑی حیرت ہوئی کہ اُس کی گود میں ایک گل گوتھنا لڑکا تھا۔ سلیمہ نے اُس سے بڑے بینڈے انداز میں پوچھا

’’فاطمہ تمہارے یہ لڑکا کیسے پیدا ہو گیا۔ ‘‘

فاطمہ اُس سے پانچ سال بڑی تھی۔ اُس نے مسکرا کر کہا۔

’’یہ شاہ دولے صاحب کی برکت ہے۔ مجھ سے ایک عورت نے کہا کہ اگر تم اولاد چاہتی ہو تو گجرات جاکر شاہ دولے صاحب کے مزار پر منت مانو۔ کہو کہ حضور میرے جو پہلے بچہ ہو گا وہ آپ کی خانقاہ پر چڑھا دوں گی۔ اس نے یہ بھی سلیمہ کو بتایا کہ جب شاہ دولے صاحب کے مزار پر ایسی منت مانی جائے تو پہلا بچہ ایسا ہوتا ہے جس کا سر بہت چھوٹا ہوتا ہے۔ فاطمہ کی یہ بات سلیمہ کو پسند نہ آئی اور جب اس نے مزید کہاکہ پہلا بچہ اس خانقاہ میں چھوڑ کر آنا پڑتا ہے تو اس کو اور بھی دُکھ ہوا۔ اس نے سوچا کون ایسی ماں ہے جو اپنے بچے سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو جائے۔ اُس کا سر چھوٹا ہو۔ ناک چپٹی ہو۔ آنکھیں بھینگی ہوں۔ لیکن ماں اُس کو گھورے میں نہیں پھینک سکتی وہ کوئی ڈائن ہی ہوسکتی ہے۔ لیکن اُسے اولاد چاہیے تھی اس لیے وہ اپنی عمر سے زیادہ سہیلی کی بات مان گئی۔ وہ گجرات کی رہنے والی تو تھی ہی جہاں شاہ دولے کا مزار تھا۔ اُس نے اپنے خاوند سے کہا۔

’’فاطمہ مجبور کررہی ہے کہ میرے ساتھ چلو۔ اس لیے آپ مجھے اجازت دے دیجیے۔ ‘‘

اس کے خاوند کو کیا اعتراض ہوسکتا تھا۔ اس نے کہا۔

’’جاؤ مگر جلدی لوٹ آنا۔ ‘‘

وہ فاطمہ کے ساتھ گجرات چلی گئی۔ شاہ دولہ کا مزار جیسا کہ اُس نے سمجھا تھا کوئی عہد عتیق کی عمارت نہیں تھی۔ اچھی خاصی جگہ تھی۔ جو سلیمہ کو پسند آئی۔ مگر جب اُس نے ایک حجرے میں شاہ دولے کے چوہے دیکھے، جن کی ناک سے رینٹھ بہہ رہا تھا اور ان کا دماغ بالکل ماؤف تھا تو کانپ کانپ گئی۔ ایک جوان لڑکی تھی پورے شباب پر مگر وہ ایسی حرکتیں کرتی تھی کہ سنجیدہ سے سنجیدہ آدمی کو بھی ہنسی آسکتی تھی۔ سلیمہ اُس کودیکھ کرایک لمحے کے لیے ہنسی مگر فوراً ہی اُس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ سوچنے لگی اس لڑکی کا کیا ہو گا۔ یہاں کے مجاور اُسے کسی کے پاس بیچ دیں گے یا بندر بنا کر اُسے شہر بہ شہر پھرائیں گے۔ یہ غریب کی روزی کا ٹھیکرا بن جائے گی۔ اس کا سر بہت چھوٹا تھا۔ لیکن اُس نے سوچا کہ اگر سر چھوٹا ہے تو انسانی فطرت تو اتنی چھوٹی نہیں۔ وہ تو پاگلوں کے ساتھ بھی چمٹی رہتی ہے۔ اس شاہ دولے کی چوہیا کا جسم بہت خوبصورت تھا۔ اُس کی ہر قوس اپنی جگہ پر مناسب و موزوں تھی۔ مگر اُس کی حرکات ایسی تھیں جیسے کسی خاص غرض کے ماتحت اس کے حواس مختل کردیے گئے ہیں۔ وہ اس طریقے سے کھیلتی پھرتی اور ہنستی تھی جیسے کوئی کوک بھرا کھلونا ہو۔ سلیمہ نے محسوس کیا کہ وہ اسی غرض کے لیے بنائی گئی ہے۔ لیکن ان تمام احساسات کے باوجود اُس نے اپنی سہیلی فاطمہ کے کہنے پر شاہ دولا صاحب کے مزار پر منت مانی کہ اگر اس کے بچہ ہوا تو وہ اُن کی نذر کردے گی۔ ڈاکٹری علاج سلیمہ نے جاری رکھا۔ دو ماہ بعد بچے کی پیدائش کے آثار پیدا ہو گئے۔ وہ بہت خوش ہوئی۔ مقررہ وقت پر اُس کے ہاں لڑکا ہوا، بڑا ہی خوبصورت۔ حمل کے دوران میں چونکہ چاند گرہن ہوا تھا اُس لیے اس کے داہنے گال پر ایک چھوٹا سا دھبا تھا جو بُرا نہیں لگتا تھا۔ فاطمہ آئی تو اُس نے کہاکہ اس بچے کو فوراً شاہ دولے صاحب کے حوالے کردینا چاہیے۔ سلیمہ خود یہی مان چکی تھی۔ کئی دنوں تک وہ ٹال مٹول کرتی رہی۔ اس کی ممتا نہیں مانتی تھی کہ وہ اپنا لختِ جگر وہاں پھینک آئے۔ اُس سے کہا گیا تھا کہ شاہ دولے سے جو اولاد مانگتا ہے اُس کے پہلے بچے کا سر چھوٹا ہوتا ہے۔ لیکن اُس کے لڑکے کا سر کافی بڑا تھا۔ اور فاطمہ نے اس سے کہا۔

’’یہ کوئی ایسی بات نہیں جو تم بہانے کے طور پر استعمال کرسکو۔ تمہارا یہ بچہ شاہ دولے صاحب کی ملکیت ہے تمہارا اس پر کوئی حق نہیں۔ اگر تم اپنے وعدہ سے پھر گئیں تو یاد رکھو تم پر ایسا عذاب نازل ہو گا کہ ساری عمر یاد رکھو گی۔ ‘‘

بادل نخواستہ سلیمہ کو اپنا پیارا گل گوتھنا سا بیٹا جس کے داہنے گال پر کالا دھبا تھا۔ گجرات جاکر شاہ دولے کے مزار کے مجاوروں کے حوالے کرنا پڑا۔ وہ اس قدر روئی۔ اُس کو اتنا صدمہ ہوا کہ بیمار ہو گئی۔ ایک برس تک زندگی اورموت کے درمیان معلق رہی۔ اُس کو اپنا بچہ بھولتا ہی نہیں تھا۔ خاص طور پر اُس کے داہنے گال پر کالا دھبا۔ جس کو اکثر چوما کرتی تھی۔ چونکہ وہ جہاں بھی تھا بہت اچھا لگتا تھا۔ اس دوران میں اُس نے ایک لمحے کے لیے بھی اپنے بچے کو فراموش نہ کیا۔ عجیب عجیب خواب دیکھتی۔ شاہ دولہ اُس کے پریشان تصور میں ایک بڑا چوہا بن کر نمودار ہوتا جو اُس کے گوشت کو اپنے تیز دانوں سے کترتا۔ وہ چیختی اور اپنے خاوند سے

’’مجھے بچائیے ! دیکھئے چوہا میرا گوشت کھا رہا ہے۔ ‘‘

کبھی اس کا مضطرب دماغ یہ سوچتا کہ اس کا بچہ چوہوں کے بل کے اندر داخل ہو رہا ہے۔ وہ اُس کی دُم کھینچ رہی ہے۔ مگر بِل کے اندر جو بڑ ے بڑے چوہے ہیں انھوں نے اُس کی تھوتھنی پکڑ لی۔ اس لیے وہ اُسے باہر نکال نہیں سکتی۔ کبھی اُس کی نظروں کے سامنے وہ لڑکی آتی جو پورے شباب پر تھی اور جس کو اُس نے شاہ دولے صاحب کے مزار کے ایک حجرے میں دیکھا تھا۔ سلیمہ ہنسنا شروع کردیتی۔ لیکن تھوڑی دیر کے بعد رونے لگتی۔ اتنا روتی کے اس کے خاوند نجیب کو سمجھ میں نہ آتا کہ اُس کے آنسو کیسے خشک کرے۔ سلیمہ کو ہر جگہ چوہے نظر آتے تھے۔ بستر پر باورچی خانے میں۔ غسل خانے کے اندر۔ صوفے پر۔ دل میں کانوں میں بعض اوقات تو وہ یہ محسوس کرتی کہ وہ خود چوہیا ہے۔ اُس کی ناک سے رینٹھ بہہ رہا ہے۔ وہ شاہ دولے کے مزار کے ایک حجرے میں اپنا چھوٹا بہت چھوٹا سر اپنے ناتواں کندھوں پر اُٹھائے ایسی حرکات کررہی ہے کہ دیکھنے والے ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہے ہیں۔ اُس کی حالت قابل رحم تھی۔ اُس کو فضا میں دھبے ہی دھبے نظر آتے۔ جیسے ایک بہت بڑا گال ہے جس پرسورج بجھ کر ٹکڑے ٹکڑے ہوکے جگہ جگہ جم گیا ہے۔ بخار ہلکا ہوا تو سلیمہ کی طبیعت کسی قدر سنبھل گئی نجیب بھی قدرے مطمئن ہوا۔ اس کو معلوم تھا کہ اس کی بیوی کی علالت کا باعث کیا ہے۔ لیکن وہ ضعیف الاعتقاد تھا۔ اُس کواپنی پہلی اولاد کو بھینٹ چڑھائے جانے کا کوئی احساس نہیں تھا۔ جو کچھ کیا گیا تھا وہ اسے مناسب سمجھتا تھا۔ بلکہ وہ تو یہ سوچتا تھا کہ اس کے جو بیٹا ہوا تھا وہ اس کا نہیں شاہ دولے صاحب کا تھا۔ جب سلیمہ کا بخار اتر گیا اور اس کے دل و دماغ کا طوفان ٹھنڈا پڑگیا تو نجیب نے اُس سے کہا

’’میری جان۔ اپنے بچے کو بھول جاؤ۔ وہ صدقے کا تھا۔ ‘‘

سلیمہ نے بڑے زخم خوردہ لہجے میں کہا۔

’’میں نہیں مانتی۔ ساری عمر اپنی ممتا پر لعنتیں بھیجتی رہوں گی کہ میں نے اتنا بڑا گناہ کیوں کیا کہ اپنا لختِ جگر اس کے مجاورں کے حوالے کردیا۔ یہ مجاور ماں تو نہیں ہوسکتے۔ ‘ ایک دن وہ غائب ہو گئی۔ سیدھی گجرات پہنچی۔ ساتھ آٹھ روز وہاں رہی۔ اپنے بچے کے متعلق پوچھ گچھ کی۔ مگر کوئی اتا پتہ نہ ملا مایوس ہوکر واپس آگئی۔ اپنے خاوند سے کہا۔

’’میں اب اسے یاد نہیں کروں گی۔ ‘‘

یاد تو وہ کرتی رہی۔ لیکن دل ہی دل میں اس کے بچے کے داہنے گال کا دھبا اُس کے دل کا داغ بن کر رہ گیا تھا۔ ایک برس کے بعداُس کے لڑکی ہوئی۔ اس کی شکل اُس کے پہلوٹھی کے بچے سے بہت ملتی جلتی تھی۔ اس کے داہنے گال پر داغ نہیں تھا اس کا نام اس نے مجیب رکھا کیونکہ اپنے بیٹے کا نام اُس نے مجیب سوچا تھا۔ جب وہ دو مہینے کی ہوئی تو اُس نے اس کو گود میں اٹھایا اور سرمہ دانی سے تھوڑا سا سرمہ نکال کر اس کے داہنے گال پرایک بڑا ساتل بنا دیا اور مجیب کو یاد کر کے رونے لگی۔ اُس کے آنسو بچی کی گالوں پر گرے تو اُس نے اپنے دوپٹے سے پونچھے اور ہنسنے لگی۔ وہ کوشش کرنا چاہتی تھی کہ اپنا صدمہ بھول جائے۔ اس کے بعد سلیمہ کے دو لڑکے پیدا ہوئے۔ اُس کا خاوند اب بہت خوش تھا۔ ایک بار سلیمہ کو کسی سہیلی کی شادی کے موقع پر گجرات جانا پڑا تو اُس نے ایک بار پھر مجیب کے متعلق پوچھ گچھ کی۔ مگر اُسے ناکامی ہوئی۔ اس نے سوچا شاید مر گیا ہے۔ چنانچہ اُس نے جمعرات کو فاتحہ خوانی بڑے اہتمام سے کرائی۔ اڑوس پڑوس کی سب عورتیں حیران تھی کہ یہ کس کی مرگ کے سلسلے میں اتنا تکلف کیا گیا ہے۔ بعض نے سلیمہ سے پوچھا بھی، مگر اُس نے کوئی جوا ب نہ دیا۔ شام کو اس نے اپنی دس برس کی لڑکی مجیبہ کا ہاتھ پکڑا۔ اندر کمرے میں لے گئی۔ سرے سے اُس کے داہنے گال پر بڑا سا دھبا بنایا اور اُس کو دیر تک چومتی رہی۔ وہ مجیب ہی کو اپنا گم شدہ مجیب سمجھتی تھی۔ اب اُس کے متعلق سوچنا چھوڑدیا، اس لیے کہ اُس کی فاتحہ خوانی کرانے کے بعد اُس کے دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا تھا۔ اُس نے اپنے تصور میں ایک قبر بنا لی تھی۔ جس پر وہ تصور ہی میں پھول بھی چڑھایا کرتی۔ اس کے تین بچے اسکول میں پڑھتے تھے۔ ان کو ہر صبح سلیمہ تیار کرتی۔ ان کے لیے ناشتہ بنواتی۔ ہر ایک کو بناتی سنوارتی۔ جب وہ چلے جاتے تو ایک لحظہ کے لیے اسے اپنے مجیب کا خیال آتا کہ وہ اس کی فاتحہ خوانی کرا چکی تھی۔ دل کا بوجھ ہلکا ہو گیا تھا۔ پھر بھی اُس کو کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا کہ مجیب کے داہنے گال کا سیاہ دھبا اُس کے دماغ میں موجود ہے۔ ایک دن اُس کے تینوں بچے بھاگے بھاگے آئے اور کہنے لگے

’’امی ہم تماشا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ‘‘

اُس نے بڑی شفقت سے پوچھا۔

’’کیسا تماشا؟‘‘

اس لڑکی نے جو سب سے بڑی تھی کہا

’’امی جان ایک آدمی ہے وہ تماشا دکھاتا ہے۔ ‘‘

سلیمہ نے کہا۔

’’جاؤ اُس کو بُلا لاؤ۔ مگر گھر کے اندر نہ آئے۔ باہر تماشا کرے۔ ‘‘

بچے بھاگے ہوئے گئے اور اُس آدمی کو بُلا لائے اور تماشا دیکھتے رہے۔ جب یہ ختم ہو گیا تو مجیبہ اپنی ماں کے پاس گئی کہ پیسے دے دو۔ ماں نے اپنے پرس سے چونی نکالی اور باہر برآمدے میں گئی۔ دروازے کے پاس پہنچی تو شاہ دولہ کا ایک چوہا کھڑا عجیب احمقانہ انداز میں اپنا سر ہلا رہا تھا سلیمہ کو ہنسی آگئی۔ دس بارہ بچے اُس کے گرد جمع تھے جو بے تحاشا ہنس رہے تھے۔ اتنا شور مچا تھا کہ کان پڑی آواز سُنائی نہیں دیتی تھی۔ سلیمہ چونی ہاتھ میں لیے آگے بڑھی اور اُس نے شاہ دولے کے اُس چوہے کو دینا چاہی تو اُس کا ہاتھ ایک دم پیچھے ہٹ گیا۔ جیسے بجلی کا کرنٹ چھو گیا۔ اُس چوہے کے داہنے گال پر سیاہ داغ تھا۔ سلیمہ نے غور سے اُس کی طرف دیکھا۔ اس کی ناک سے رینٹھ بہہ رہا تھا۔ مجیبہ نے جو اُس کے پاس کھڑی تھی، اپنی ماں سے کہا۔

’’یہ۔ یہ چوہا۔ امی جان اس کی شکل مجھ سے کیوں ملتی ہے۔ میں بھی کیا چوہیا ہوں۔ ‘‘

سلیمہ نے اس شاہ دولے کے چوہے کا ہاتھ پکڑا اور اندر لے گئی۔ دروازے بند کرکے اُس کو چوما۔ اُس کی بلائیں لیں۔ وہ اس کا مجیب تھا۔ لیکن وہ ایسی احمقانہ حرکتیں کرتا تھا کہ سلیمہ کے غم واندوہ میں ڈُوبے ہوئے دل میں بھی ہنسی کے آثار نمودار ہو جاتے۔ اُس نے مجیب سے کہا۔

’’بیٹے میں تیری ماں ہوں۔ ‘‘

شاہ دولے کا چوہا بڑے بے ہنگم طور پر ہنسا۔ اپنی ناک کی رینٹھ آستین سے پونچھ کر اُس نے اپنی ماں کے سامنے ہاتھ پھیلایا

’’ایک پیسہ۔ ‘‘

ماں نے اپنا پرس کھولا۔ مگر اُس کی آنکھیں اپنی ساری نہریں، اس سے پہلے ہی کھول چکی تھیں۔ اُس نے سو روپے کا نوٹ نکالا اور باہر جاکر اُس آدمی کو دیا۔ جو اُس کو تماشا بنائے ہوئے تھا۔ اس نے انکار کردیا کہ اتنی کم قیمت پر اپنی روزی کے ذریعے کو نہیں بیچ سکتا۔ سلیمہ نے اُسے بالآخر پانچ سو روپوں پر راضی کرلیا۔ یہ رقم ادا کر کے جب وہ اندر آئی تو مجیب غائب تھا، ۔ مجیبہ نے اُس کو بتایا کہ وہ پچھواڑے سے باہر نکل گیا ہے۔ سلیمہ کی کوکھ پکارتی رہی کہ مجیب واپس آجاؤ، مگر وہ ایسا گیا کہ پھر نہ آیا۔

سعادت حسن منٹو

شانتی

دو نوں پیرے ژین ڈیری کے باہر بڑے دھاریوں والے چھاتے کے نیچے کرسیوں پربیٹھے چائے پی رہے تھے۔ ادھر سمندر تھا جس کی لہروں کی گنگناہٹ سنائی دے رہی تھی۔ چائے بہت گرم تھی۔ اس لیے دونوں آہستہ آہستہ گھونٹ بھر رہے تھے موٹی بھوروں والی یہودن کی جانی پہچانی صورت تھی۔ یہ بڑا گول مٹول چہرہ، تیکھی ناک۔ موٹے موٹے بہت ہی زیادہ سرخی لگے ہونٹ۔ شام کو ہمیش درمیان والے دروازے کے ساتھ والی کرسی پر بیٹھی دکھائی دیتی تھی۔ مقبول نے ایک نظر اس کی طرف دیکھا اور بلراج سے کہا۔

’’بیٹھی ہے جال پھینکنے۔ ‘‘

بلراج موٹی بھوؤں کی طرف دیکھے بغیر بولا۔

’’پھنس جائے گی کوئی نہ کوئی مچھلی۔ ‘‘

مقبول نے ایک پیسٹری منہ میں ڈالی۔

’’یہ کاروبار بھی عجیب کاروبارہے۔ کوئی دکان کھول کر بیٹھتی ہے۔ کوئی چل پھر کے سودا بیچتی ہے۔ کوئی اس طرح ریستورانوں میں گاہک کے انتظار میں بیٹھی رہتی ہے۔ جسم بیچنا بھی ایک آرٹ ہے، اور میرا خیال ہے بہت مشکل آرٹ ہے۔ یہ موٹی بھوؤں والی کیسے گاہک کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ کیسے کسی مرد کو یہ بتاتی ہو گی کہ وہ بکاؤ ہے۔ ‘‘

بلراج مسکرایا۔

’’کسی روز وقت نکالو کہ کچھ دیر یہاں بیٹھو۔ تمہیں معلوم ہو جائیگا کہ نگاہوں ہی نگاہوں میں کیوں کر سودے ہوتے ہیں اس جنس کا بھاؤ کیسے چُکتا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے ایک مقبول کا ہاتھ پکڑا۔

’’اُدھر دیکھو، اُدھر۔ ‘‘

مقبول نے موٹی یہودن کی طرف دیکھا۔ بلراج نے اس کا ہاتھ دبایا۔

’’نہیں یار۔ اُدھر کونے کے چھاتے کے نیچے دیکھو۔ ‘‘

مقبول نے ادھر دیکھا۔ ایک دبلی پتلی، گوری چٹی لڑکی کرسی پر بیٹھ رہی تھی۔ بال کٹے ہوئے تھے۔ ناک نقشہ ٹھیک تھا۔ ہلکے زرد رنگ کی جارجٹ کی ساڑھی میں ملبوس تھی۔ مقبول نے بلراج سے پوچھا۔

’’کون ہے یہ لڑکی؟‘‘

بلراج نے اس لڑکی کی طرف دیکھتے ہوئے جواب دیا۔

’’اماں وہی ہے جس کے بارے میں تم سے کہا تھا کہ بڑی عجیب و غریب ہے۔ ‘‘

مقبول نے کچھ دیر سوچا پھر کہا۔

’’کون سی یار تم، تم تو جس لڑکی سے بھی ملتے ہوعجیب وغریب ہی ہوتی ہے۔ ‘‘

بلراج مسکرایا۔

’’یہ بڑی خاص الخاص ہے۔ ذرا غور سے دیکھو۔ ‘‘

مقبول نے غور سے دیکھا۔ بریدہ بالوں کا رنگ بھوسلا تھا۔ ہلکے بسنتی رنگ کی ساڑھی کے نیچے چھوٹی آستینوں والا بلاؤز۔ پتلی پتلی بہت ہی گوری بانھیں۔ لڑکی نے اپنی گردن موڑی تو مقبول نے دیکھا کہ اس کے باریک ہونٹوں پر سرخی پھیلی ہوئی سی تھی۔

’’میں اور تو کچھ نہیں کہہ سکتا مگر تمہاری اس عجیب و غریب لڑکی کو سرخی استعمال کرنے کا سلیقہ نہیں ہے۔ اب اور غور سے دیکھا ہے تو ساڑھی کی پہناوٹ میں بھی خامیاں نظر آئی ہیں۔ بال سنوارنے کا انداز بھی ستھرا نہیں۔ ‘‘

بلراج ہنسا۔

’’تم صرف خامیاں ہی دیکھتے ہو۔ اچھائیوں پر تمہاری نگاہ کبھی نہیں پڑتی۔ ‘‘

مقبول نے کہا۔

’’جو اچھائیاں ہیں وہ اب بیان فرما دیجیے، لیکن پہلے یہ بتا دیجیے کہ آپ اس لڑکی کو ذاتی طور پر جانتے ہیں یا۔ ‘‘

لڑکی نے جب بلراج کو دیکھا تو مسکرائی۔ مقبول رک گیا۔

’’مجھے جواب مل گیا۔ اب آپ محترمہ کی خوبیاں بتا دیجیے۔ ‘‘

سب سے پہلی خوبی اس لڑکی میں یہ ہے کہ بہت صاف گو ہے۔ کبھی جھوٹ نہیں بولتی۔ جو اس اس نے اپنے لیے بنا رکھے ہیں ان پر بڑی پابندی سے عمل کرتی ہے۔ پرسنل ہائی جین کا بہت خیال رکھتی ہے۔ محبت و حبت کی بالکل قائل نہیں۔ اس معاملے میں دل اس کا برف ہے۔ ‘‘

بلراج نے چاہیے کا آخری گھونٹ پیا

’’کہیے کیا خیال ہے؟‘‘

مقبول نے لڑکی کو ایک نظر دیکھا۔

’’جو خوبیاں تم نے بتائی ہیں ایک ایسی عورت میں نہیں ہونی چاہئیں۔ جس کے پاس مرد صرف اس خیال سے جاتے ہیں کہ وہ ان سے اصلی نہیں تو مصنوعی محبت ضرور کرے گی۔ خود فریبی ہیں اگر یہ لڑکی کسی مرد کی مدد نہیں کرتی تو میں سمجھتا ہوں بڑی بے وقوف ہے۔ ‘‘

’’یہی میں نے سوچا تھا۔ میں تم سے کیا بیان کروں، روکھے پن کی حد تک صاف گو ہے۔ اس سے باتیں کرو توکئی بار دھکے سے لگتے ہیں۔ ایک گھنٹہ ہو گیا۔ تم نے کھلی کوئی کام کی بات نہیں کی۔ میں چلی، اور یہ جا وہ جا۔ تمہارے منہ سے شراب کی بو آتی ہے۔ جاؤ چلے جاؤ۔ ساڑھی کو ہاتھ مت لگاؤ میلی ہو جائے گی‘‘

یہ کہہ کر بلراج نے سگریٹ سلگایا۔

’’عجیب و غریب لڑکی ہے۔ پہلی دفعہ جب اس سے ملاقات ہوئی تو میں بائی گوڈ چکرا گیا۔ چھوٹتے ہی مجھ سے کہا۔ ففٹی سے ایک پیسہ کم نہیں ہو گا۔ جیب میں ہیں تو چلو ورنہ مجھے اور کام ہیں۔ ‘‘

مقبول نے پوچھا۔

’’نام کیا ہے اس کا۔ ‘‘

’’شانتی بتایا اس نے۔ کشمیرن ہے‘‘

مقبول کشمیری تھا۔ چونک پڑا

’’کشمیرن!‘‘

’’تمہاری ہم وطن۔ ‘‘

مقبول نے لڑکی کی طرف دیکھا۔ ناک نقشہ صاف کشمیریوں کا تھا۔

’’یہاں کیسے آئی؟‘‘

’’معلوم نہیں!‘‘

’’کوئی رشتے دار ہے اس کا؟‘‘

مقبول لڑکی میں دلچسپی لینے لگا۔

’’وہاں کشمیر میں کوئی ہو تو میں کہہ نہیں سکتا۔ یہاں بمبئی میں اکیلی رہتی ہے۔ ‘‘

بلراج نے سگریٹ ایش ٹرے میں دبایا

’’ہاربنی روڈ یر ایک ہوٹل ہے، وہاں اس نے ایک کمرہ کرائے پر لے رکھا ہے۔ یہ مجھے ایک روز اتفاقاً معلوم ہو گیا ورنہ یہ اپنے ٹھکانے کا پتا کسی کو نہیں دیتی۔ جس کو ملنا ہوتا ہے یہاں پیرے ژین ڈیری میں چلا آتا ہے۔ شام کو پورے پانچ بجے آتی ہے یہاں!‘‘

مقبول کچھ دیرخاموش رہا۔ پھر بیرے کو اشارے سے بلایا اور اس سے بل لانے کے لیے کہا۔ اس دوران میں ایک خوش پوش نوجوان آیا اور اس لڑکی کے پاس والی کرسی پر بیٹھ گیا۔ دونوں باتیں کرنے لگے۔ مبقول بلراج سے مخاطب ہوا۔

’’اس سے کبھی ملاقات کرنی چاہیے۔ ‘‘

بلراج مسکرایا۔

’’ضرور ضرور۔ لیکن اس وقت نہیں۔ مصروف ہے۔ کبھی آجانا یہاں شام کو۔ اور ساتھ بیٹھ جانا۔ ‘‘

مقبول نے بل ادا کیا۔ دونوں دوست اٹھ کر چلے گئے۔ دوسرے روز مقبول اکیلا آیا اور چائے کا آرڈر دے کر بیٹھ گیا۔ ٹھیک پانچ بجے وہ لڑکی بس سے اتری اور پرس ہاتھ میں لٹکائے مقبول کے پاس سے گزری۔ چال بھدی تھی۔ جب وہ کچھ دور، کرسی پر بیٹھ گئی تو مقبول نے سوچا۔

’’اس میں جنسی کشش تو نام کو بھی نہیں۔ حیرت ہے کہ اس کا کاروبار کیونکر چلتا ہے۔ لپ اسٹک کیسے بے ہودہ طریقے سے استعمال کی ہے اس نے۔ ساڑھی کی پہناوٹ آج بھی خامیوں سے بھری ہے۔ پھر اس نے سوچا کہ اس سے کیسے ملے۔ اس کی چائے میز پر آچکی تھی ورنہ اٹھ کر وہ اس لڑکی کے پاس جا بیٹھتا۔ اس نے چائے پینا شروع کردی۔ اس دوران میں اس نے ایک ہلکا سا اشارہ کیا۔ لڑکی نے دیکھا کچھ توقف کے بعد اٹھی اور مقبول کے سامنے والی کرسی پر بیٹھ گئی۔ مقبول پہلے تو کچھ گھبرایا لیکن فوراً ہی سنبھل کر لڑکی سے مخاطب ہوا۔

’’چائے شوق فرمائیں گی آپ۔ ‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

اس کے جوابوں کے اس اختصار میں روکھا پن تھا۔ مبقول نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد کہا۔

’’کشمیریوں کو تو چائے کا بڑا شوق ہوتا ہے۔ ‘‘

لڑکی نے بڑے بے ہنگم انداز میں پوچھا۔

’’تم چلنا چاہتے ہو میرے ساتھ۔ ‘‘

مقبول کو جیسے کسی نے اوندھے منہ گرا دیا۔ گھبراہٹ میں وہ صرف اس قدر کہہ سکا۔

’’ہا۔ ‘‘

لڑکی نے کہا۔

’’ففٹی روپیز۔ یس اور نو؟‘‘

یہ دوسرا ریلا تھا مگر مبقول نے اپنے قدم جما لیے

’’چلیے!‘‘

مقبول نے چائے کا بل ادا کیا۔ دونو اٹھ کر ٹیکسی اسٹینڈ کی طرف روانہ ہوئے۔ راستے میں اس نے کوئی بات نہ کی۔ لڑکی بھی خاموش رہی۔ ٹیکسی میں بیٹھے تو اس نے مقبول سے پوچھا۔

’’کہاں جائے گا تم؟‘‘

مقبول نے جواب دیا۔

’’جہاں تم لے جاؤ گی۔ ‘‘

’’ہم کچھ نہیں جانتا۔ تم بولو کدھر جائے گا؟‘‘

مقبول کو کوئی اور جواب نہ سوجھا تو کہا۔

’’ہم کچھ نہیں جانتا!‘‘

لڑکی نے ٹیکسی کا دروازہ کھولنے کے لیے ہاتھ بڑھایا۔

’’تم کیسا آدمی ہے۔ خلی پیلی جوک کرتا ہے۔ ‘‘

مقبول نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا

’’میں مذاق نہیں کرتا۔ مجھے تم سے صرف باتیں کرنی ہیں۔ ‘‘

وہ بگڑ کربولی

’’کیا۔ تم تو بولا تھا ففٹی روپیز یس!‘‘

مقبول نے جیب میں ہاتھ ڈ الا اور دس دس کے پانچ نوٹ نکال کر اس کی طرف بڑھا دیے۔

’’یہ لو گھبراتی کیوں ہو۔ ‘‘

اس نے نوٹ لے لیے۔

’’تم جائے گا کہاں۔ ‘‘

مقبول نے کہا۔

’’تمہارے گھر۔ ‘‘

’’نہیں۔ ‘‘

’’کیوں نہیں۔ ‘‘

’’تم کو بولا ہے نہیں۔ ادھر ایسی بات نہیں ہو گی۔ ‘‘

مقبول مسکرایا۔

’’ٹھیک ہے۔ ایسی بات ادھر نہیں ہو گی۔ ‘‘

وہ کچھ متحیر سی ہوئی۔

’’تم کیسا آدمی ہے۔ ‘‘

’’جیسا میں ہوں۔ تم نے بولا ففٹی روپیز یس کہ نو۔ میں نے کہا یس اور نوٹ تمہارے حوالے کردیے۔ تم نے بولا اُدھر ایسی بات نہیں ہو گی۔ میں نے کہا بالکل نہیں ہو گی۔ اب اور کیا کہتی ہو۔ ‘‘

لڑکی سوچنے لگی۔ مقبول مسکرایا۔

’’دیکھو شانتی، بات یہ ہے۔ کل تم کو دیکھا۔ ایک دوست نے تمہاری کچھ باتیں سنائیں جو مجھے دلچسپ معلوم ہوئیں۔ آج میں نے تمہیں پکڑ لیا۔ اب تمہارے گھر چلتے ہیں۔ وہاں کچھ دیر تم سے باتیں کروں گا اور چلا جاؤں گا۔ کیا تمہیں یہ منظور نہیں۔ ‘‘

’’نہیں۔ یہ لو اپنے ففٹی روپیز۔ ‘‘

لڑکی کے چہرے پر جھنجلاہٹ تھی۔

’’تمہیں بس ففٹی روپیز کی پڑی ہے۔ روپے کے علاوہ بھی دنیا میں اور بہت سی چیزیں ہیں۔ چلو، ڈرائیور کو اپنا اڈریس بتاؤ۔ میں شریف آدمی ہوں۔ تمہارے ساتھ کوئی دھوکا نہیں کرونگا۔ ‘‘

مقبول کے انداز گفتگو میں صداقت تھی۔ لڑکی متاثر ہوئی۔ اس نے کچھ دیر سوچا پھرکہا۔

’’چلو۔ ڈرائیور، ہاربنی روڈ!‘‘

ٹیکسی چلی تو اس نے نوٹ مقبول کی جیب میں ڈال دیے۔

’’یہ میں نہیں لوں گی۔ ‘‘

مقبول نے اصرار نہ کیا۔

’’تمہاری مرضی!‘‘

ٹیکسی ایک پانچ منزلہ بلڈنگ کے پاس رکی۔ پہلی اور دوسری منزل پر مساس خانے تھے۔ تیسری، چوتھی اور پانچویں منزل ہوٹل کے لیے مخصوص تھی۔ بڑی تنگ و تار جگہ تھی۔ چوتھی منزل پر سیڑھیوں کے سامنے والا کمرہ شانتی کا تھا۔ اس نے پرس سے چابی نکال کر دروازہ کھولا۔ بہت مختصر سامان تھا۔ لوہے کا ایک پلنگ جس پر اجلی چادر بچھی تھی۔ کونے میں ڈرسنگ ٹیبل۔ ایک اسٹول، اس پر ٹیبل فین۔ چار ٹرنک تھے وہ پلنگ کے نیچے دھرے تھے۔ مقبول کمرے کی صفائی سے بہت متاثر ہوا۔ ہر چیز صاف ستھری تھی۔ تکیے کے غلاف عام طور پر میلے ہوتے ہیں مگر اس کے دونوں تکیے بے داغ غلافوں میں ملفوف تھے۔ مقبول پلنگ پر بیٹھنے لگا تو شانتی نے اسے روکا۔

’’نہیں۔ ادھر بیٹھنے کا اجازت نہیں۔ ہم کسی کو اپنے بستر پر نہیں بیٹھنے دیتا۔ کرسی پر بیٹھو یہ کہہ کروہ خود پلنگ پر بیٹھ گئی۔ مقبول مسکرا کر کرسی پر ٹک گیا۔ شانتی نے اپنا پرس تکیے کے نیچے رکھا اور مقبول سے پوچھا۔

’’بولو۔ کیا باتیں کرنا چاہتے ہو؟‘‘

مقبول نے شانتی کی طرف غور سے دیکھا۔

’’پہلی بات تو یہ ہے کہ تمہیں ہونٹوں پر لپ اسٹک لگانی بالکل نہیں آتی۔ ‘‘

شانتی نے برا نہ مانا۔ صرف اتنا کہا۔

’’مجھے مالوم ہے۔ ‘‘

’’اٹھو۔ مجھے لپ اسٹک دو میں تمہیں سکھاتا ہوں‘‘

یہ کہہ کر مقبول نے اپنا رومال نکالا۔ شانتی نے اس سے کہا۔

’’ڈرسنگ ٹیبل پر پڑا ہے، اٹھا لو۔ ‘‘

مقبول نے لپ اسٹک اٹھائی۔ اسے کھول کر دیکھا۔

’’ادھر آؤ، میں تمہارے ہونٹ پونچھوں۔ ‘‘

’’تمہارے رومال سے نہیں۔ میرا لو۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے ٹرنک کھولا اور ایک دھلا ہوا رومال مقبول کو دیا۔ مقبول نے اس کے ہونٹ پونچھے۔ بڑی نفاست سے نئی سرخی ان پر لگائی۔ پھر کنگھی سے اس کے بال ٹھیک کیے اور کہا۔

’’لو اب آئینہ دیکھو۔ ‘‘

شانتی اٹھ کر ڈرسنگ ٹیبل کے سامنے کھڑی ہو گئی۔ بڑے غور سے اس نے اپنے ہونٹوں اور بالوں کا معائنہ کیا۔ پسندیدہ نظروں سے تبدیلی محسوس کی اور پلٹ کر مقبول سے صرف اتنا کہا۔

’’اب ٹھیک ہے‘‘

پھر پلنگ پر بیٹھ کر پوچھا۔

’’تمہارا کوئی بیوی ہے؟‘‘

مقبول نے جواب دیا۔

’’نہیں۔ ‘‘

کچھ دیر خاموشی رہی۔ مقبول چاہتا تھا باتیں ہوں چنانچہ اس نے سلسلہ کلام شروع کیا۔

’’اتنا تو مجھے معلوم ہے کہ تم کشمیر کی رہنے والی ہو۔ تمہارا نام شانتی ہے۔ یہاں رہتی ہو۔ یہ بتاؤ تم نے ففٹی روپیز کا معاملہ کیوں شروع کیا؟‘‘

شانتی نے یہ بے تکلف جواب دیا۔

’’میرا فادر سری نگر میں ڈاکٹر ہے۔ میں وہاں ہوسپیٹل میں نرس تھا۔ ایک لڑکے نے مجھ کو خراب کردیا۔ میں بھاگ کر ادھر کو آگئی۔ یہاں ہم کو ایک آدمی ملا۔ وہ ہم کو ففٹی روپیز دیا۔ بولا ہمارے ساتھ چلو۔ ہم گیا۔ بس کام چالو ہو گیا۔ ہم یہاں ہوٹل میں آگیا۔ پرہم ادھر کسی سے بات نہیں کرتی۔ سب رنڈی لوگ ہے۔ کسی کو یہاں نہیں آنے دیتی۔ ‘‘

مقبول نے کرید کرید کر تمام واقعات معلوم کرنا مناسب خیال نہ کیا۔ کچھ اور باتیں ہوئیں جن سے اسے پتا چلا کہ شانتی کو جنسی معاملے سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ جب اس کا ذکر آیا تو اس نے برا سا منہ بنا کر کہا۔

’’آئی ڈونٹ لائک۔ یِٹ از بیڈ۔ ‘‘

اس کے نزدیک ففٹی روپیز کا معاملہ ایک کاروباری معاملہ تھا۔ سرینگر کے ہسپتال میں جب کسی لڑکے نے اس کو خراب کیا تو جاتے وقت دس روپے دینا چاہے۔ شانتی کو بہت غصہ آیا۔ نوٹ پھاڑ دیا۔ اس واقعے کا اس کے دماغ پر یہ اثر ہوا کہ اس نے باقاعدہ کاروبار شروع کردیا۔ پچاس روپے فیس خود بخود مقرر ہو گئی۔ اب لذت کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا تھا۔ چونکہ نرس رہ چکی تھی اس لیے بڑی محتاط رہتی تھی۔ ایک برس ہو گیا تھا اسے بمبئی میں آئے ہوئے۔ اس دوران میں اس نے دس ہزار روپے بچائے ہوتے مگر اس کو ریس کھیلنے کی لت پڑ گئی۔ پچھلی ریسوں پر اس کے پانچ ہزار اڑ گئے لیکن اس کو یقین تھا کہ وہ نئی ریسوں پر ضرور جیتے گی۔

’’ہم اپنا لوس پورا کرلے گا۔ ‘‘

اس کے پاس کوڑی کڑوی کا حساب موجود تھا۔ سو روپے ر وزانہ کما لیتی تھی جو فوراً بنک میں جمع کرا دیے جاتے تھے۔ سو سے زیادہ وہ نہیں کمانا چاہتی تھی۔ اس کو اپنی صحت کا بہت خیال تھا۔ دو گھنٹے گزر گئے تو اس نے پانی گھڑی دیکھی اور مقبول سے کہا۔

’’تم اب جاؤ۔ ہم کھانا کھائے گا اور سو جائے گا۔ ‘‘

مقبول اٹھ کر جانے لگا تو اس نے کہا۔

’’باتیں کرنے آؤ تو صبح کے ٹائم آؤ۔ شام کے ٹائم ہمارا نقصان ہوتی ہے۔ ‘‘

مقبول نے

’’اچھا‘‘

کہا اور چل دیا۔ دوسرے روز صبح دس بجے کے قریب مقبول شانتی کے پاس پہنچا۔ اس کا خیال تھا کہ وہ اس کی آمد پسند نہیں کرے گی مگر اس نے کوئی ناگواری ظاہر نہ کی۔ مقبول دیر تک اس کے پاس بیٹھا رہا۔ اس دوران میں شانتی کو صحیح طریقے پر ساڑھی پہننی سکھائی۔ لڑکی ذہین تھی۔ جلدی سیکھ گئی۔ کپڑے اس کے پاس کافی تعداد میں اور اچھے تھے۔ یہ سب کے سب اس نے مقبول کو دکھائے۔ اس میں بچپنا تھا نہ بڑھاپا۔ شباب بھی نہیں تھا۔ وہ جیسے کچھ بنتے بنتے ایک دم رک گئی تھی، ایک ایسے مقام پر ٹھہر گئی تھی جس کے موسم کا تعین نہیں ہوسکتا۔ وہ خوبصورت تھی نہ بدصورت، عورت تھی نہ لڑکی۔ وہ پھول تھی نہ کلی۔ شاخ تھی نہ تنا۔ اس کو دیکھ کر بعض اوقات مقبول کو بہت الجھن ہوتی تھی۔ وہ اس میں وہ نقطہ دیکھنا چاہتا تھا۔ جہاں اس نے غلط ملط ہونا شروع کیا تھا۔ شانتی کے متعلق اور زیادہ جاننے کے لیے مقبول نے اس سے ہر دوسرے تیسرے روز ملنا شروع کردیا۔ وہ اس کی کوئی خاطر مدارت نہیں کرتی تھی۔ لیکن اب اس نے اس کو اپنے صاف ستھرے بستر پر بیٹھنے کی اجازت دے دی تھی۔ ایک دن مقبول کو بہت تعجب ہوا جب شانتی نے اس سے کہا۔

’’تم کوئی لڑکی مانگتا؟‘‘

مقبول لیٹا ہوا تھا چونک کر اٹھا۔

’’کیا کہا؟‘‘

شانتی نے کہا۔

’’ہم پوچھتی، تم کوئی لڑکی مانگتا تو ہم لا کر دیتا۔ ‘‘

مقبول نے اس سے دریافت کیا کہ یہ بیٹھے بیٹھے اسے کیا خیال آیا۔ کیوں اس نے یہ سوال کیا تو وہ خاموش ہو گئی۔ مقبول نے اصرار کیا تو شانتی نے بتایا کہ مقبول اسے ایک بیکار عورت سمجھتا ہے۔ اس کو حیرت ہے کہ مرد اس کے پاس کیوں آتے ہیں جبکہ وہ اتنی ٹھنڈی ہے۔ مقبول اس سے صرف باتیں کرتا ہے اور چلا جاتاہے۔ وہ اسے کھلونا سمجھتا ہے۔ آج اس نے سوچا، مجھ جیسی ساری عورتیں تو نہیں مقبول کو عورت کی ضرورت ہے، کیوں نہ وہ اسے ایک منگا دے۔ مقبول نے پہلی بار شانتی کی آنکھوں میں آنسو دیکھے۔ ایک دم وہ اٹھی اور چلانے لگی

’’ہم کچھ بھی نہیں ہے۔ جاؤ چلے جاؤ۔ ہمارے پاس کیوں آتا ہے تم۔ جاؤ۔ ‘‘

مقبول نے کچھ نہ کہا۔

’’خاموشی سے اٹھا اور چلا گیا۔ ‘‘

متواتر ایک ہفتہ دوپیرے ژین ڈیری جاتا رہا۔ مگر شانتی دکھائی نہ دی۔ آخر ایک صبح اس نے اس کے ہوٹل کا رخ کیا۔ شانتی نے دروازہ کھول دیا مگر کوئی بات نہ کی۔ مقبول کرسی پر بیٹھ گیا۔ شانتی کے ہونٹوں پر سرخی پرانے بھدے طریقے پر لگی تھی۔ بالوں کا حال بھی پرانا تھا۔ ساڑھی کی پہناوٹ تو اور زیادہ بدزیب تھی۔ مقبول اس سے مخاطب ہوا۔

’’مجھ سے ناراض ہو تم؟‘‘

شانتی نے جواب نہ دیا اور پلنگ پر بیٹھ گئی۔ مقبول نے تند لہجے میں پوچھا۔

’’بھول گئیں جو میں نے سکھایا تھا؟‘‘

شانتی خاموش رہی۔ مقبول نے غصے میں کہا۔

’’جواب دو ورنہ یاد رکھو ماروں گا۔ ‘‘

شانتی نے صرف اتنا کہا۔

’’مارو۔ ‘‘

مقبول نے اٹھ کر ایک زور کا چانٹا اس کے منہ پر جڑ دیا۔ شانتی بلبلا اٹھی۔ اس کی حیرت زدہ آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔ مقبول نے جیب سے اپنا رومال نکالا۔ غصے میں اس کے ہونٹوں کی بھدی سرخی پونچھی۔ اس نے مزاحمت کی لیکن مقبول اپنا کام کرتا رہا۔ لپ اسٹک اٹھا کر نئی سرخی لگائی۔ کنگھے سے اس کے بال سنوارے، پھر اس نے تحکمانہ لہجے میں کہا۔

’’ساڑھی ٹھیک کرو اپنی۔ ‘‘

شانتی اٹھی اور ساڑھی ٹھیک کرنے لگی مگر ایک دم اس نے پھوٹ پھوٹ کر رونا شروع کردیا اور روتی روتی خود کو بستر پرگرا دیا۔ مقبول تھوڑی دیر خاموش رہا۔ جب شانتی کے رونے کی شدت کچھ کم ہوئی تو اس کے پاس جا کر کہا۔

’’شانتی اٹھو۔ میں جارہا ہوں۔ ‘‘

شانتی نے تڑپ کر کروٹ بدلی اور چلائی۔

’’نہیں نہیں۔ تم نہیں جاسکتے۔ ‘‘

اور دونوں بازو پھیلا کر دروازے کے درمیان میں کھڑی ہو گئی۔

’’تم گیا تو مار ڈالوں گی۔ ‘‘

وہ ہانپ رہی تھی۔ اس کا سینہ جس کے متعلق مقبول نے کبھی غور ہی نہیں کیا تھا جیسے گہری نیند سے اٹھنے کی کوشش کررہا تھا۔ مقبول کی حیرت زدہ آنکھوں کے سامنے شانتی نے تلے اوپر بڑی سرعت سے کئی رنگ بدلے۔ اس کی نمناک آنکھیں چمک رہی تھیں۔ سرخی لگے باریک ہونٹ ہولے ہولے لرز رہے تھے۔ ایک دم آگے بڑھ کر مقبول نے اس کو اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا۔ دونوں پلنگ پر بیٹھے تو شانتی نے اپنا سر نیوڑھا کر مقبول کی گود میں ڈال دیا۔ اس کے آنسو بند ہونے ہی میں نہ آتے تھے۔ مقبول نے اس کو پیار کیا۔ رونا بند کرنے کے لیے کہا تو وہ آنسوؤں میں اٹک اٹک کر بولی

’’ادھر سرینگر میں۔ ایک آدمی نے۔ ہم کو مار دیا تھا۔ ادھر ایک آدمی نے۔ ہم کو زندہ کردیا۔ ‘‘

دو گھنٹے کے بعد جب مقبول جانے لگا تو اس نے جیب سے پچاس روپے نکال کر شانتی کے پلنگ پر رکھے اور مسکرا کہا۔

’’یہ لو اپنے ففٹی روپیز!‘‘

شانتی نے بڑے غصے اور بڑی نفرت سے نوٹ اٹھائے اور پھینک دیے۔ پھر اس نے تیزی سے اپنی ڈرسنگ ٹیبل کا ایک دروازہ کھولا اور مقبول سے کہا۔

’’ادھر آؤ۔ دیکھو یہ کیا ہے؟‘‘

مقبول نے دیکھا۔ دراز میں سو سو کے کئی نوٹوں کے ٹکڑے پڑے تھے۔ مٹی بھر کے شانتی نے اٹھائے اور ہوا میں اچھالے۔

’’ہم اب یہ نہیں مانگتا!‘‘

مقبول مسکرایا۔ ہولے سے اس نے شانتی کے گال پر چھوٹی سی چپت لگائی اور پوچھا:

’’اب تم کیا مانگتا ہے!‘‘

شانتی نے جواب دیا۔

’’تم کو‘‘

یہ کہہ کر وہ مقبول کے ساتھ چمٹ گئی اور رونا شروع کردیا۔ مقبول نے اس کے بال سنوارتے ہوئے بڑے پیار سے کہا۔

’’روؤ نہیں۔ تم نے جو مانگا ہے وہ تمہیں مل گیا ہے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

شاردا

نذیر بلیک مارکیٹ سے وسکی کی بوتل لانے گیا۔ بڑک ڈاک خانے سے کچھ آگے بندر گاہ کے پھاٹک سے کچھ ادھر سگرٹ والے کی دکان سے اس کو اسکوچ مناسب داموں پر مل جاتی تھی۔ جب اس نے پینتیس روپے ادا کرکے کاغذ میں لپٹی ہوئی بوتل لی تو اس وقت گیارہ بجے تھے دن کے۔ یوں تو وہ رات کو پینے کا عادی تھا مگر اس روز موسم خوشگوار ہونے کے باعث وہ چاہتا تھا کہ صبح ہی سے شروع کردے اور رات تک پیتا رہے۔ بوتل ہاتھ میں پکڑے وہ خوش خوش گھر کی طرف روانہ ہوا۔ اس کا ارادہ تھا کہ بوری بندر کے اسٹینڈ سے ٹیکسی لے گا۔ ایک پیگ اس میں بیٹھ کر پیئے گا اور ہلکے ہلکے سرور میں گھر پہنچ جائے گا۔ بیوی منع کرے گی تو وہ اس سے کہے گا۔

’’موسم دیکھ کتنا اچھا۔ ‘‘

پھر وہ اسے وہ بھونڈا سا شعر سنائے گا ؂ کی فرشتوں کی راہ ابر نے بند جو گناہ کیجیے ثواب ہے آج وہ کچھ دیر ضرور چخ کرے گی، لیکن بالآخر خاموش ہو جائے گی اور اس کے کہنے پر قیمے کے پراٹھے بنانا شروع کردے گی۔ دکان سے بیس پچیس گز دور گیا ہو گا کہ ایک آدمی نے اس کو سلام کیا۔ نذیر کا حافظہ کمزور تھا۔ اس نے سلام کرنے والی آدمی کو نہ پہچانا، لیکن اس پر یہ ظاہر نہ کیا کہ وہ اس کو نہیں جانتا، چنانچہ بڑے اخلاق سے کہا۔

’’کیوں بھئی کہاں ہوتے ہو۔ کبھی نظر ہی نہیں آئے۔ ‘‘

اس آدمی نے مسکرا کر کہا۔

’’حضور، میں تو یہیں ہوتا ہوں۔ آپ ہی کبھی تشریف نہیں لائے؟‘‘

نذیر نے اس کو پھر بھی نہ پہچانا۔

’’میں اب جو تشریف لے آیا ہوں۔ ‘‘

’’تو چلیے میرے ساتھ۔ ‘‘

نذیر اس وقت بڑے اچھے موڈ میں تھا۔

’’چلو۔ ‘‘

اس آدمی نے نذیر کے ہاتھ میں بوتل دیکھی اور معنی خیز طریقے پر مسکرایا۔

’’باقی سامان تو آپ کے پاس موجود ہے۔ ‘‘

یہ فقرہ سن کر نذیر نے فوراً ہی سوچا کہ وہ دلال ہے۔

’’تمہارا نام کیا ہے۔ ‘‘

’’کریم۔ آپ بھول گئے تھے!‘‘

نذیر کو یاد آگیا کہ شادی سے پہلے ایک کریم اس کے لیے اچھی اچھی لڑکیاں لایا کرتا تھا۔ بڑا ایماندار دلال تھا۔ اس کو غور سے دیکھا تو صورت جانی پہچانی معلوم ہوئی۔ پھر پچھلے تمام واقعات اس کے ذہن میں ابھر آئے۔ کریم سے اس نے معذرت چاہی۔

’’یار میں نے تمہیں پہچانا نہیں تھا۔ میرا خیال ہے۔ غالباً چھ برس ہو گئے ہیں تم سے ملے ہوئے۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ ‘‘

’’تمہار ا اڈہ تو پہلے گرانٹ روڈ کانا کا ہوا کرتا تھا؟‘‘

کریم نے بیڑی سلگائی اور ذرا فخر سے کہا۔

’’میں نے وہ چھوڑ دیا ہے۔ آپ کی دعا سے اب یہاں ایک ہوٹل میں دھندا شروع کررکھا ہے۔ ‘‘

نذیر نے اس کو داد دی۔

’’یہ بہت اچھا کیا تم نے؟‘‘

کریم نے اور زیادہ فخریہ لہجے میں کہا۔

’’دس چھوکریاں ہیں۔ ایک بالکل نئی ہے۔ ‘‘

نذیر نے اس کو چھیڑنے کے انداز میں کہا۔

’’تم لوگ یہی کہا کرتے ہو۔ ‘‘

کریم کو بُرا لگا۔

’’قسم قرآن کی، میں نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔ سور کھاؤں اگر وہ چھوکری بالکل نئی نہ ہو۔ ‘‘

پھر اس نے اپنی آواز دھیمی کی اور نذیر کے کان کے ساتھ منہ لگا کر کہا۔

’’آٹھ دن ہوئے ہیں جب پہلا پیسنجر آیا تھا۔ جھوٹ بولوں تو میرا منہ کالا ہو۔ ‘‘

نذیر نے پوچھا۔

’’کنواری تھی؟‘‘

’’جی ہاں۔ دو سو روپے لیے تھے اس پیسنجر سے؟‘‘

نذیر نے کریم کی پسلیوں میں ایک ٹھونکا دیا۔

’’لو، یہیں بھاؤ پکا کرنے لگے۔ ‘‘

کریم کو نذیر کی یہ بات پھر بُری لگی۔

’’قسم قرآن کی، سور ہوجو آپ سے بھاؤ کرے آپ تشریف لے چلیے۔ آپ جو بھی دیں گے مجھے قبول ہو گا۔ کریم نے آپ کا بہت نمک کھایا ہے۔ ‘‘

نذیر کی جیب میں اس وقت ساڑھے چار سو روپے تھے۔ موسم اچھا تھا۔ موڈ بھی اچھا تھا۔ وہ چھ برس پیچھے کے زمانے میں چلا گیا۔ بن پئے مسرور تھا۔

’’چلو یار آج تمام عیاشیاں رہیں۔ ایک بوتل کا اور بندوبست ہو جانا چاہیے۔ ‘‘

کریم نے پوچھا۔

’’آپ کتنے میں لائے ہیں یہ بوتل؟‘‘

’’پینتیس روپے میں۔ ‘‘

’’کون سا برانڈ ہے؟‘‘

’’جونی واکر!‘‘

کریم نے چھاتی پر ہاتھ مار کرکہا۔

’’میں آپ کو تیس میں لادوں گا۔ ‘‘

نذیر نے دس دس کے تین نوٹ نکالے اور کریم کے ہاتھ میں دے دیے۔

’’نیکی اور پوچھ پوچھ۔ یہ لو۔ مجھے وہاں بٹھا کر تم پہلا کام یہی کرنا۔ تم جانتے ہو، میں ایسے معاملوں میں اکیلا نہیں پیا کرتا۔ ‘‘

کریم مسکرایا۔

’’اور آپ کو یاد ہو گا۔ میں ڈیڑھ پیگ سے زیادہ نہیں پیا کرتا۔ ‘‘

نذیر کو یاد آگیا کہ کریم واقعی آج سے چھ برس پہلے صرف ڈیڑھ پیگ لیا کرتا تھا۔ یہ یاد کرکے نذیر بھی مسکرایا۔

’’آج دور ہیں۔ ‘‘

’’جی نہیں۔ ڈیڑھ سے زیادہ ایک قطرہ بھی نہیں۔ ‘‘

کریم ایک تھرڈ کلاس بلڈنگ کے پاس ٹھہر گیا۔ جس کے ایک کونے میں چھوٹے سے میلے بورڈ پر

’’میرینا ہوٹل‘‘

لکھا تھا۔ نام تو خوبصورت تھا۔ مگر عمارت نہایت ہی غلیظ تھی۔ سیڑھیاں شکستہ۔ نیچے سو خوار پٹھان بڑی بڑی شلواریں پہنے کھاٹوں پر لیٹے ہوئے تھے۔ پہلی منزل پر کرسچین آباد تھے۔ دوسری منزل پر جہاز کے بے شمار خلاصی۔ تیسری منزل ہوٹل کے مالک کے پاس تھی۔ چوتھی منزل پر کونے کا ایک کمرہ کریم کے پاس تھا جس میں کئی لڑکیاں مرغیوں کی طرح اپنے ڈربے میں بیٹھی تھیں۔ کریم نے ہوٹل کے مالک سے چابی منگوائی۔ ایک بڑا لیکن بے ہنگم سا کمرہ کھولا جس میں لوہے کی ایک چارپائی، ایک کرسی اور ایک تپائی پڑی تھی۔ تین اطراف سے یہ کمرہ کھلا تھا، یعنی بے شمار کھڑکیاں تھیں، جن کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور کچھ نہیں، لیکن ہوا کی بہت افراط تھی۔ کریم نے آرام کرسی جو کہ بے حد میلی تھی، ایک اس سے زیادہ میلے کپڑے سے صاف کی اور نذیر سے کہا۔

’’تشریف رکھئے، لیکن میں یہ عرض کردوں۔ اس کمرے کا کرایہ دس روپے ہو گا۔ ‘‘

نذیر نے کمرے کو اب ذرا غور سے دیکھا۔

’’دس روپے زیادہ ہیں یار؟‘‘

کریم نے کہا۔

’’بہت زیادہ ہیں، لیکن کیا کیا جائے۔ سالا ہوٹل کا مالک ہی بنیا ہے۔ ایک پیسہ کم نہیں کرتا۔ اور نذیر صاحب موج شوق کرنے والے آدمی بھی زیادہ کی پرواہ نہیں کرتے۔ ‘‘

نذیر نے کچھ سوچ کر کہا۔

’’تم ٹھیک کہتے ہو۔ کرایہ پیشگی دے دوں؟‘‘

’’جی نہیں۔ آٰپ پہلے چھوکری تو دیکھئے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اپنے ڈربے میں چلا گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد واپس آیا تو اس کے ساتھ ایک نہایت ہی شرمیلی لڑکی تھی۔ گھریلو قسم کی ہندو لڑکی سفید دھوتی باندھے تھی۔ عمر چودہ برس کے لگ بھگ ہو گی۔ خوش شکل تو نہیں تھی، لیکن بھولی بھالی تھی۔ کریم نے اس سے کہا۔

’’بیٹھ جاؤ۔ یہ صاحب میرے دوست ہیں۔ بالکل اپنے آدمی ہیں۔ ‘‘

لڑکی نظریں نیچے کیے لوہے کی چارپائی پر بیٹھ گئی۔ کریم یہ کہہ کر چلا گیا۔

’’اپنا اطمینان کرلیجئے نذیر صاحب۔ میں گلاس اور سوڈا لاتا ہوں۔ ‘‘

نذیر آرام کرسی پر سے اٹھ کر لڑکی کے پاس بیٹھ گیا۔ وہ سمٹ کر ایک طرف ہٹ گئی۔ نذیر نے اس سے چھ برس پہلے کے انداز میں پوچھا۔

’’آپ کا نام۔ ‘‘

لڑکی نے کوئی جواب نہ دیا۔ نذیر نے آگے سرک کر اس کے ہاتھ پکڑے اور پھر پوچھا۔

’’آپ کا نام کیا ہے جناب؟‘‘

لڑکی نے ہاتھ چھڑا کر کہا۔

’’شکنتلا۔ ‘‘

اور نذیر کو شکنتلا یاد آگئی۔ جس پر راجہ دشنیت عاشق ہوا تھا۔

’’میرا نام دشنیت ہے۔ ‘‘

نذیر مکمل عیاشی پر تُلا ہوا تھا۔ لڑکی نے اس کی بات سنی اور مسکرا دی۔ اتنے میں کریم آ گیا۔ اس نے نذیر کو سوڈے کی چار بوتلیں دکھائیں جو ٹھنڈی ہونے کے باعث پسینہ چھوڑ رہی تھیں۔

’’مجھے یاد ہے کہ آپ کو روجر کا سوڈا پسند ہے برف میں لگا ہوا لے کر آیا ہوں۔ ‘‘

نذیر بہت خوش ہوا۔

’’تم کمال کرتے ہو‘‘

پھر وہ لڑکی سے مخاطب ہوا۔

’’جناب آپ بھی شوق فرمائیں گی؟‘‘

لڑکی نے کچھ نہ کہا۔ کریم نے جواب دیا۔

’’نذیر صاحب۔ یہ نہیں پیتی۔ آٹھ دن تو ہوئے ہیں اس کو یہاں آئے ہوئے۔ ‘‘

یہ سن کر نذیر کو افسوس سا ہوا۔

’’یہ تو بہت بری بات ہے۔ ‘‘

کریم نے وسکی کی بوتل کھول کر نذیر کے لیے ایک بڑا پیگ بنایا اور اس کو آنکھ مار کر کہا۔

’’آپ راضی کرلیجئے اسے۔ ‘‘

نذیر نے ایک ہی جرعے میں گلاس ختم کیا۔ کریم نے آدھا پیگ پیا۔ فوراً ہی اُس کی آواز نشہ آلود ہو گئی۔ ذرا جھوم کر اس نے نذیر سے پوچھا۔

’’چھوکری پسند ہے نا آپ کو؟‘‘

نذیر نے سوچا کہ لڑکی اسے پسند ہے کہ نہیں۔ لیکن وہ کوئی فیصلہ نہ کرسکا۔ اس نے شکنتلا کی طرف غور سے دیکھا۔ اگر اس کا نام شکنتلا نہ ہوتا بہت ممکن ہے وہ اسے پسند کرلیتا۔ وہ شکنتلا جس پر راجہ دشنیت شکار کھیلتے کھیلتے عاشق ہوا تھا۔ بہت ہی خوبصورت تھی۔ کم از کم کتابوں میں یہی درج تھا کہ وہ چندے آفتاب چندے ماہتاب تھی۔ آہو چشم تھی۔ نذیر نے ایک بار پھر اپنی شکنتلا کی طرف دیکھا۔ اسکی آنکھیں بُری نہیں تھیں۔ آہو چشم تو نہیں تھی، لیکن اس کی آنکھیں اس کی اپنی آنکھیں تھیں۔ کالی کالی اور بڑی بڑی۔ اس نے اور کچھ سوچا اور کریم سے کہا۔

’’ٹھیک ہے یار۔ بولو معاملہ کہاں طے ہوتا ہے؟‘‘

کریم نے آدھا پیگ اپنے لیے اور انڈیلا اور کہا۔

’’سو روپئے!‘‘

نذیر نے سوچنا بند کردیا تھا۔

’’ٹھیک ہے!‘‘

کریم اپنا دوسرا آدھا پیگ پی کر چلا گیا۔ نذیر نے اٹھ کر دروازہ بند کردیا۔ شکنتلا کے پاس بیٹھا تو وہ گھبرا سی گئی۔ نذیر نے اس کا پیار لینا چاہا تو وہ اٹھ کر کھڑی ہوئی۔ نذیر کو اس کی یہ حرکت ناگوار محسوس ہوئی۔ لیکن اس نے پھر کوشش کی۔ بازو سے پکڑ کر اس کو اپنے پاس بٹھایا۔ زبردستی اس کو چوما۔ بہت ہی بے کیف سلسلہ تھا۔ البتہ وسکی کا نشہ اچھا تھا۔ وہ اب تک چھ پیگ پی چکا تھا اور اس کو افسوس تھا کہ اتنی مہنگی چیز بالکل بے کار گئی ہے اس لیے کہ شکنتلا بالکل الھڑ تھی۔ اس کو ایسے معاملوں کے آداب کی کوئی واقفیت ہی نہیں تھی۔ نذیر ایک اناڑی تیراک کے ساتھ اِدھر اُدھر بے کار ہاتھ پاؤں مارتا رہا۔ آخر اُکتا گیا۔ دروازہ کھول کر اس نے کریم کو آواز دی جو اپنے ڈربے میں مرغیوں کے ساتھ بیٹھا تھا۔ آواز سن کر دوڑا آیا۔

’’کیا بات ہے نذیر صاحب؟‘‘

نذیر نے بڑی ناامیدی سے کہا۔

’’کچھ نہیں یار۔ یہ اپنے کام کی نہیں ہے؟‘‘

’’کیوں؟‘‘

’’کچھ سمجھتی ہی نہیں۔ ‘‘

کریم نے شکنتلاکو الگ لے جا کر بہت سمجھایا۔ مگر وہ نہ سمجھ سکی۔ شرمائی، لجائی، دھوتی سنبھالتی کمرے سے باہر نکل گئی۔ کریم نے اس پر کہا۔

’’میں ابھی حاضر کرتا ہوں۔ ‘‘

نذیر نے اس کو روکا۔

’’جانے دو۔ کوئی اور لے آؤ۔

’’لیکن اس نے فوراً ہی ارادہ بدل لیا۔

’’وہ جو تمہیں روپے دیے تھے، اس کی بوتل لے آؤ اور شکنتلا کے سوا جتنی لڑکیاں اس وقت موجود ہیں انھیں یہاں بھیج دو۔ میرا مطلب ہے جو پیتی ہیں۔ آج اور کوئی سلسلہ نہیں ہو گا۔ اس کے ساتھ بیٹھ کر باتیں کروں گا اور بس!‘‘

کریم نذیر کو اچھی طرح سمجھتا تھا۔ اس نے چار لڑکیاں کمرے میں بھیج دیں۔ نذیر نے ان سب کو سرسری نظر سے دیکھا، کیونکہ وہ اپنے دل میں فیصلہ کر چکا تھا کہ پروگرام صرف پینے کا ہو گا۔ چنانچہ اس نے ان لڑکیوں کے لیے گلاس منگوائے اور ان کے ساتھ پینا شروع کردیا۔ دوپہر کا کھانا ہوٹل سے منگوا کر کھایا اور شام کے چھ بجے تک ان لڑکیوں سے باتیں کرتا رہا۔ بڑی فضول قسم کی باتیں، لیکن نذیر خوش تھا۔ جو کوفت شکنتلا نے پیدا کی تھی۔ دور ہو گئی تھی۔ آدھی بوتل باقی تھی، وہ ساتھ لے کر گھر چلا گیا۔ پندرہ روز کے بعد پھر موسم کی وجہ اس کا جی چاہا کہ سارا دن پی جائے۔ سگرٹ والے کی دکان سے خریدنے کے بجائے اس نے سوچا کیوں نہ کریم سے ملوں، وہ تیس میں دے دیگا۔ چنانچہ وہ اس کے ہوٹل میں پہنچا۔ اتفاق سے کریم مل گیا۔ اس نے ملتے ہی بہت ہولے سے کہا۔

’’نذیر صاحب، شکنتلا کی بڑی بہن آئی ہوئی ہے۔ آج صبح ہی گاڑی سے پہنچی ہے۔ بہت ہٹیلی ہے۔ مگر آپ اس کو ضرور راضی کرلیں گے۔ ‘‘

نذیر کچھ سوچ نہ سکا۔ اس نے اپنے دل میں اتنا کہا۔

’’چلو دیکھ لیتے ہیں۔ ‘‘

لیکن اس نے کریم سے کہا۔

’’تم پہلے یار وسکی لے آؤ۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے تیس روپے جیب سے نکال کر کریم کو دیے۔ کریم نے نوٹ لیکر نذیر سے کہا۔

’’میں لے آتا ہوں۔ آپ اندر کمرے میں بیٹھے۔ ‘‘

نذیر کے پاس صرف دس روپے تھے، لیکن وہ کمرے کا دروازہ کھلوا کر بیٹھ گیا۔ اس نے سوچا تھا کہ وسکی کی بوتل لے کر ایک نظر شکنتلا کی بہن کو دیکھ کر چل دے گا۔ جاتے وقت دو روپے کریم کو دے دے گا۔ تین طرف سے کھلے ہوئے ہوادار کمرے میں نہایت ہی میلی کرسی پر بیٹھ کر اس نے سگریٹ سلگایا اور اپنی ٹانگیں رکھ دیں۔ تھوڑی ہی دیر کے بعد آہٹ ہوئی۔ کریم داخل ہوا۔ اس نے نذیر کے کان کے ساتھ منہ لگا کر ہولے سے کہا۔

’’نذیر صاحب آرہی ہے۔ لیکن آپ ہی رام کیجیے گا اُسے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ چلا گیا۔ پانچ منٹ کے بعد ایک لڑکی جس کی شکل و صورت قریب قریب شکنتلا سے ملتی تھی۔ تیوڑی چڑھائے، شکنتلا کے سے انداز میں سفید دھوتی پہنے کمرے میں داخل ہوئی۔ بڑی بے پروائی سے اس نے ماتھے کے قریب ہاتھ لیجا کر

’’آداب‘‘

کہا اور لوہے کے پلنگ پر بیٹھ گئی۔ نذیر نے یوں محسوس کیا کہ وہ اس سے لڑنے آئی ہے۔ چھ برس پیچھے کے زمانے میں ڈبکی لگا کر وہ اس سے مخاطب ہوا۔

’’آپ شکنتلا کی بہن ہیں۔ ‘‘

اس نے بڑے تیکھے اور خفگی آمیز لہجے میں کہا۔

’’جی ہاں۔ ‘‘

نذیر تھوڑی دیر کے لیے خاموش ہو گیا۔ اس کے بعد اس لڑکی کوجس کی عمر شکنتلا سے غالباً تین برس بڑی تھی۔ بڑے غور سے دیکھا۔ نذیر کی یہ حرکت اس کو بہت ناگوار محسوس ہوئی۔ وہ بڑے زور سے ٹانگ ہلا کر اس سے مخاطب ہوئی۔

’’آپ مجھ سے کیا کہنا چاہتے ہیں۔ ‘‘

نذیر کے ہونٹوں پر چھ برس پیچھے کی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔

’’جناب آپ اس قدر ناراض کیوں ہیں؟‘‘

وہ برس پڑی۔

’’میں ناراض کیوں نہ ہوں۔ یہ آپ کا کریم میری بہن کو جے پور سے اڑا لایا ہے۔ بتائیے آپ میرا خون نہیں کھولے گا۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ آپ کو بھی وہ پیش کی گئی تھی؟‘‘

نذیر کی زندگی میں ایسا معاملہ کبھی نہیں آیا تھا۔ کچھ دیر سوچ کر اُس نے اس لڑکی سے بڑے خلوص کے ساتھ کہا۔

’’شکنتلا کو دیکھتے ہی میں نے فیصلہ کرلیا تھا۔ کہ یہ لڑکی میرے کام کی نہیں۔ بہت الھڑ ہے۔ مجھے ایسی لڑکیاں بالکل پسند نہیں۔ آپ شاید بُرا مانیں۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ میں ان عورتوں کو بہت زیادہ پسند کرتا ہوں جو مرد کی ضروریات کو سمجھتی ہوں۔ ‘‘

اس نے کچھ نہ کہا۔ نذیر نے اس سے دریافت کیا۔

’’آپ کا نام۔ ‘‘

شکتنلا کی بہن نے مختصراً کہا۔

’’شاردا۔ ‘‘

نذیر نے پھر اس سے پوچھا۔

’’آپ کا وطن۔ ‘‘

’’جے پور۔ ‘‘

اس کا لہجہ بہت تیکھا اور خفگی آلود تھا۔ نذیر نے مسکرا کر اس سے کہا۔

’’دیکھیے آپ کو مجھ سے ناراض ہونے کا کوئی حق نہیں۔ کریم نے اگر کوئی زیادتی کی ہے تو آپ اس کو سزا دے سکتی ہیں، لیکن میرا کوئی قصور نہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ اٹھا اور اس کو اچانک اپنے بازوؤں میں سمیٹ کر اس کے ہونٹوں کو چوم لیا۔ وہ کچھ کہنے بھی نہ پائی تھی کہ نذیر اس سے مخاطب ہوا

’’یہ قصور البتہ میرا ہے۔ اس کی سزا میں بھگتنے کے لیے تیار ہوں۔ ‘‘

لڑکی کے ماتھے پر بیشمار تبدیلیاں نمودار ہوئیں۔ اس نے تین چار مرتبہ زمین پر تھوکا۔ غالباً گالیاں دینے والی تھی، لیکن چپ ہو گئی۔ اٹھ کھڑی ہوئی تھی۔ لیکن فوراً ہی بیٹھ گئی۔ نذیر نے چاہا کہ وہ کچھ کہے۔

’’بتائیے، آپ مجھے کیا سزا دینا چاہتی ہیں۔ ‘‘

’’وہ کچھ کہنے والی تھی کہ ڈربے سے کسی بچے کے رونے کی آواز آئی۔ لڑکی اٹھی نذیر نے اسے روکا۔ کہاں جارہی ہیں آپ؟‘‘

وہ ایک دم ماں بن گئی۔

’’منی رو رہی ہے، دودھ کے لیے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ چلی گئی۔ نذیر نے اس کے بارے میں سوچنے کی کوشش کی مگر کچھ سوچ نہ سکا۔ اتنے میں کریم وسکی کی بوتل اور سوڈے لیکر آگیا۔ اس نے نذیر کے لیے چھوٹا ڈالا۔ اپنا گلاس ختم کیا اور نذیر سے رازدارانہ لہجے میں کہا۔

’’کچھ باتیں ہوئیں شاردا سے۔

’’میں نے تو سمجھا تھا کہ آپ نے پٹالیا ہو گا؟‘‘

نذیر نے مسکرا کر جواب دیا۔

’’بڑی غصیلی عورت ہے!‘‘

’’جی ہاں۔ صبح آئی ہے، میری جان کھا گئی۔ آپ ذرا اس کو رام کریں۔ شکنتلا خود یہاں آئی تھی۔ اس لیے کہ اس کا باپ اس کی ماں کو چھوڑ چکا ہے اور اس شاردا کا معاملہ بھی ایسا ہے۔ اس کا پتی شادی کے فوراً بعد ہی اس کو چھوڑ کر خدا معلوم کہاں چلا گیا تھا۔ اب اکیلی اپنی بچی کے ساتھ ماں کے پاس رہتی ہے۔ آپ منا لیجئے نا اس کو؟‘‘

نذیر نے اس سے کہا۔

’’منانے کی کیا بات ہے؟‘‘

کریم نے اس کو آنکھ ماری۔

’’سالی مجھ سے تو مانتی نہیں۔ جب سے آئی ہے ڈانٹ رہی ہے۔ ‘‘

اتنے میں شاردا اپنی ایک سال کی بچی کو گود میں اٹھائے اندر کمرے میں آئی۔ کریم کو اس نے غصے سے دیکھا۔ اس نے آدھا پیگ پیا اور باہر چلا گیا۔ منی کو بہت زکام تھا۔ ناک بہت بری طرح بہہ رہی تھی۔ نذیر نے کریم کو بلایا اور اس کو پانچ کا نوٹ دیکر کہا۔

’’جاؤ، ایک وکس کی بوتل لے آؤ۔ ‘‘

کریم نے پوچھا۔

’’وہ کیا ہوتی ہے؟‘‘

نذیر نے اس سے کہا۔

’’زکام کی دوا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے ایک پرزے پر اس دوا کا نام لکھ دیا۔

’’کسی بھی اسٹور سے مل جائے گی۔ ‘‘

’’جی اچھا۔ ‘‘

کہہ کر کریم چلا گیا۔ نذیر منی کی طرف متوجہ ہوا۔ اس کو بچے بہت اچھے لگتے تھے۔ منی خوش شکل نہیں تھی۔ لیکن کم سنی کے باعث نذیر کے لیے دلکش تھی۔ اس نے اس کو گود میں لیا۔ ماں سے سو نہیں رہی تھی۔ سر میں ہولے ہولے انگلیاں پھیر کر اس کو سلا دیا اور شاردا سے کہا۔

’’اس کی ماں تو میں ہوں۔ ‘‘

شاردا مسکرائی۔

’’لائیے، میں اس کو اندرچھوڑ آؤں۔ ‘‘

شاردا اس کو اندر لے گئی اور چند منٹ کے بعد واپس آگئی۔ اب اس کے چہرے پر غصے کے آثار نہیں تھے۔ نذیر اسکے پاس بیٹھ گیا۔ تھوڑی دیر وہ خاموش رہا۔ اس کے بعد اس نے شاردا سے پوچھا۔

’’کیا آپ مجھے اپنا پتی بننے کی اجازت دے سکتی ہیں۔ ‘‘

اور اس کے جواب کا انتظار کیے بغیر اس کو اپنے سینے کے ساتھ لگا لیا۔ شاردا نے غصے کا اظہار نہ کیا۔

’’جواب دیجیے جناب؟‘‘

شاردا خاموش رہی۔ نذیر نے اٹھ کر ایک پیگ پیا، تو شاردا نے ناک سکوڑ کر اس سے کہا۔

’’مجھے اس چیز سے نفرت ہے۔ ‘‘

نذیر نے ایک پیگ گلاس میں ڈالا۔ اس میں سوڈا حل کرکے اٹھایا اور شاردا کے پاس بیٹھ گیا۔

’’آپ کو اس سے نفرت ہے کیوں؟‘‘

شاردا نے مختصر سا جواب دیا۔

’’بس ہے۔ ‘‘

’’تو آج سے نہیں رہے گی۔ یہ لیجیے۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے گلاس شاردا کی طرف بڑھا دیا۔

’’میں ہرگز نہیں پیوں گی۔ ‘‘

’’میں کہتا ہوں، تم ہرگز انکار نہیں کرو گی۔ ‘‘

شاردا نے گلاس پکڑ لیا۔ تھوڑی دیر تک اس کو عجیب نگاہوں سے دیکھتی رہی، پھر نذیر کی طرف مظلومانہ نگاہوں سے دیکھا۔ اور ناک انگلیوں سے بند کرکے ساتھ گلاس غٹا غٹ پی گئے۔ قے آنے کو تھی مگر اس نے روک لی۔ دھوتی کے پلو سے اپنے آنسو پونچھ کے اس نے نذیر سے کہا۔

’’یہ پہلی اور آخری بار ہے۔ ‘‘

’’لیکن میں نے کیوں پی؟‘‘

نذیر نے اس کے گیلے ہونٹ چومے اور کہا۔

’’یہ مت پوچھو۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے دروازہ بند کردیا۔ شام کو سات بجے اس نے دروازہ کھولا۔ کریم آیا تو شاردا نظریں جھکائے باہر چلی گئی۔ کریم بہت خوش تھا۔ اس نے نذیر سے کہا۔

’’آپ نے کمال کردیا۔ آپ سے سو تو نہیں مانگتا، پچاس دے دیجیے۔ ‘‘

نذیر شاردا سے بے حد مطمئن تھا۔ اس قدر مطمئن کہ وہ گزشتہ تمام عورتوں کو بھول چکا تھا۔ وہ اس کے جنسی سوالات کا سو فی صدی صحیح جواب تھی۔ اس نے کریم سے کہا۔

’’میں کل ادا کردوں گا۔ ہوٹل کا کرایہ بھی کل چکاؤں گا۔ آج میرے پاس وسکی منگانے کے بعد صرف دس روپے باقی تھے۔ ‘‘

کریم نے کہا۔

’’کوئی واندہ نہیں ہے۔ میں تو اس بات سے بہت خوش ہوں کہ آپ نے شاردا سے معاملے طے کرلیا۔ حضور، میری جان کھا گئی تھی۔ اب شکنتلا سے وہ کچھ نہیں کہہ سکتی!‘‘

کریم چلا گیا۔ شاردا آئی۔ اس کی گود میں منی تھی۔ نذیر نے اُس کو پانچ روپے دیے لیکن شاردا نے انکار کردیا۔ اس پر نذیر نے اس سے مکرما کر کہا۔

’’میں اس کاباپ ہوں۔ تم یہ کیا کررہی ہو۔ ‘‘

شاردا نے روپے لے لیے۔ بڑی خاموشی کے ساتھ۔ شروع شروع میں وہ بہت باتونی معلوم ہوتی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ باتوں کے دریا بہا دے گی۔ مگر اب وہ بات کرنے سے گریز کرتی تھی۔ نذیر نے اس کی بچی کو گود میں لیکر پیار کیا اور جاتے وقت شاردا سے کہا۔

’’لو بھئی شاردا، میں چلا۔ کل نہیں تو پرسوں ضرور آؤنگا۔ ‘‘

لیکن نذیر دوسرے روز ہی آگیا۔ شاردا کے جسمانی خلوص نے اس پر جادو سا کردیا تھا۔ اس نے کریم کو پچھلے روپے ادا کیے۔ ایک بوتل منگوائی اور شاردا کے ساتھ بیٹھ گیا۔ اس کو پینے کے لیے کہا تو وہ بولی۔

’’میں نے کہہ دیا تھا کہ وہ پہلا اور آخری گلاس تھا۔ ‘‘

نذیر اکیلا پیتا رہا۔ صبح گیارہ بجے سے وہ شام کے ساتھ بجے تک ہوٹل کے اس کمرے میں شاردا کے ساتھ رہا۔ جب گھر لوٹا تو وہ بے حد مطمئن تھا پہلے روزسے بھی زیادہ مطمئن۔ شاردا اپنی واجبی شکل و صورت اور کم گوئی کے باوجود اس کے شہوانی حواس پر چھا گئی تھی۔ نذیر بار بار سوچتا تھا۔

’’یہ کیسی عورت ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسی خاموش، مگر جسمانی طور پر ایسی پُر گو عورت نہیں دیکھی۔ ‘‘

نذیر نے ہر دوسرے دن شاردا کے پاس جانا شروع کردیا۔ اس کو روپے پیسے سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ نذیر ساٹھ روپے کریم کو دیتا تھا۔ دس روپے ہوٹل والا لے جاتا تھا۔ باقی پچاس میں سے قریباً تیرہ روپے کریم اپنی کمیشن کے وضع کرلیتا تھا مگر شاردا نے اس کے متعلق نذیر سے کبھی ذکر نہیں کیا تھا۔ دو مہینے گزر گئے۔ نذیر کے بجٹ نے جواب دے دیا۔ اس کے علاوہ اس نے بڑی شدت سے محسوس کیا کہ شاردا اس کی ازدواجی زندگی میں بہت بُری طرح حائل ہورہی ہے۔ وہ بیوی کے ساتھ سوتا ہے تو اس کو ایک کمی محسوس ہوتی ہے۔ وہ چاہتا کہ اس کے بجائے شاردا ہو۔ یہ بہت بری تھی۔ نذیر کو چونکہ اس کا احساس تھا اس لیے اس نے کوشش کی کہ شاردا کا سلسلہ کسی نہ کسی طرح ختم ہو جائے۔ چنانچہ اس نے شاردا ہی سے کہا

’’شاردا میں شادی شدہ آدمی ہوں۔ میری جتنی جمع پونجی تھی ختم ہو گئی ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا، میں کیا کروں۔ تمہیں چھوڑ بھی نہیں سکتا، حالانکہ میں چاہتا ہوں کہ ادھر کا کبھی رخ نہ کروں۔ ‘‘

شاردا نے یہ سنا تو خاموش ہو گئی۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد کہا۔

’’جتنے روپے میرے پاس ہیں آپ لے سکتے ہیں۔ صرف مجھے جے پور کا کرایہ دے دیجیے تاکہ میں شکنتلا کو لے کر واپس چلی جاؤں۔ ‘‘

نذیر نے اس کا پیار لیا اور کہا۔

’’بکواس نہ کرو۔ تم میرا مطلب نہیں سمجھیں۔ بات یہ ہے کہ میرا روپیہ بہت خرچ ہو گیا ہے۔ بلکہ یوں کہو کہ ختم ہو گیا ہے میں یہ سوچتا ہوں کہ تمہارے پاس کیسے آسکوں گا۔ ‘‘

شاردا نے کوئی جواب نہ دیا۔ نذیر ایک دوست سے قرض لے کر جب دوسرے روز ہوٹل میں پہنچا تو کریم نے بتایا کہ وہ جے پور جانے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ نذیر نے اُس کو بلایا۔ مگر وہ نہ آئی۔ کریم کے ہاتھ اس نے بہت سے نوٹ بھجوائے اور یہ کہا۔

’’آپ یہ روپے لے لیجیے۔ اور مجھے اپنا ایڈریس دے دیجیے۔ ‘‘

نذیر نے کریم کو اپنا ایڈریس لکھ کر دے دیا اور روپے واپس کردیے۔ شاردا آئی۔ گود میں منی تھی۔ اُس نے آداب عرض کیا، اور کہا۔

’’میں آج شام کو جے پور جارہی ہوں۔ ‘‘

نذیر نے پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

شاردا نے یہ مختصر جواب دیا۔

’’مجھے معلوم نہیں‘‘

اور یہ کہہ کروہ چلی گئی۔ نذیر نے کریم سے کہا اسے بلا کر لائے۔ مگر وہ نہ آئی۔ نذیر چلا گیا۔ اس کو یوں محسوس ہوا کہ اس کے بدن کی حرارت چلی گئی ہے۔ اس کے سوال کا جواب چلا گیا ہے۔ وہ چلی گئی، واقعی چلی گئی۔ کریم کواس کا بہت افسوس تھا۔ اس نے نذیر سے شکایت کے طور پر کہا۔

’’نذیر صاحب آپ نے کیوں اس کو جانے دیا؟‘‘

نذیر نے اس سے کہا۔

’’بھائی، میں کوئی سیٹھ تو ہوں نہیں۔ ہر دوسرے روز پچاس ایک، دس ہوٹل کے، تیس بوتل، اور اوپر کا خرچ علیحدہ۔ میرا تو دیوالہ پٹ گیا۔ خدا کی قسم مقروض ہو گیا ہوں۔ ‘‘

یہ سن کر کریم خاموش ہو گیا۔ نذیر نے اس سے کہا

’’بھئی میں مجبور تھا، کہاں تک یہ قصہ چلاتا۔ ‘‘

کریم نے کہا۔

’’نذیر صاحب اس کو آپ سے محبت تھی۔ ‘‘

نذیر کو معلوم نہیں تھا کہ محبت کیا ہوتی۔ وہ فقط اتنا جانتا تھا کہ شاردا میں جسمانی خلوص ہے۔ وہ اس کے مردانہ سوالات کا بالکل صحیح جواب ہے۔ اس کے علاوہ وہ شاردا کے متعلق اور کچھ نہیں جانتا تھا، البتہ اس نے مختصر الفاظ میں اس سے یہ ضرور کہا تھا کہ اس کا خاوند عیاش تھا اور اس کو صرف اس لیے چھوڑ گیا تھا کہ دو برس تک اس کے ہاں اولاد نہیں ہوئی تھی۔ لیکن جب وہ اس سے علیحدہ ہوا تو نو مہینے کے بعد منی پیدا ہوئی جو بالکل اپنے باپ ہے۔ شکنتلا کو وہ اپنے ساتھ لے گئی۔ وہ اس کا بیاہ کرنا چاہتی تھی۔ اس کی خواہش تھی کہ وہ شریفانہ زندگی بسر کرے۔ کریم نے نذیر کو بتایا کہ وہ اس سے بہت محبت کرتی ہے۔ کریم نے بہت کوشش کی تھی کہ شکنتلا سے پیشہ کرائے۔ کئی پیسنجر آتے تھے۔ ایک رات کے دو دو سو روپے دینے کے لیے تیار تھے۔ مگر شاردا نہیں مانتی تھی، کریم سے لڑنا شروع کردیتی تھی۔ کریم اس سے کہتا تھا۔

’’تم کیا کررہی ہو۔ ‘‘

وہ جواب دیتی۔

’’اگر تم بیچ میں نہ ہوتے تو میں ایسا کبھی نہ کرتی۔ نذیر صاحب کا ایک پیسہ خرچ نہ ہونے دیتی۔ ‘‘

شاردا نے نذیر سے ایک بار اس کا فوٹو مانگا تھا۔ جو اس نے گھر سے لا کر اس کو دے دیا تھا۔ یہ وہ اپنے ساتھ جے پور لے گئی تھی۔ اس نے نذیر سے کبھی محبت کا اظہار نہیں کیا تھا۔ جب دونوں بستر پر لیٹے ہوتے تو وہ بالکل خاموش رہتی۔ نذیر اس کو بولنے پر اکساتا مگر وہ کچھ نہ کہتی۔ لیکن نذیر اس کے جسمانی خلوص کا قائل تھا۔ جہاں تک اس بات کا تعلق تھا۔ وہ اخلاص کا مجسمہ تھی۔ وہ چلی گئی، نذیر کے سینے کا بوجھ ہلکا ہو گیا۔ کیونکہ اس کی گھریلو زندگی میں بہت بُری طرح حائل ہو گئی تھی۔ اگر وہ کچھ دیر اور رہتی تو بہت ممکن تھا کہ نذیر اپنی بیوی سے بالکل غافل ہو جاتا۔ کچھ دن گزرے تو وہ اپنی اصلی حالت پر آنے لگا۔ شاردا کا جسمانی لمس اس کے جسم سے آہستہ آہستہ دور ہونے لگا۔ ٹھیک پندرہ دن کے بعد جب کہ نذیر گھرمیں بیٹھا۔ دفتر کا کام کررہا تھا۔ اس کی بیوی نے صبح کی ڈاک لا کر اسے دی۔ سارے خط وہی کھولا کرتی تھی۔ ایک خط اس نے کھولا اور دیکھ کر نذیر سے کہا۔

’’معلوم نہیں گجراتی ہے یا ہندی۔ ‘‘

نذیر نے خط لیکر دیکھا۔ اس کو معلوم نہ ہو سکا کہ ہندی ہے یا گجراتی۔ الگ ٹرے میں رکھ دیا اور اپنے کام میں مشغول ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد نذیر کی بیوی نے اپنی چھوٹی بہن نعیمہ کو آواز دی۔ وہ آئی تو وہ خط اٹھا کر اسے دیا۔

’’ذرا پڑھو تو کیا لکھا ہے۔ تم تو ہندی اور گجراتی پڑھ سکتی ہو۔ ‘‘

نعیمہ نے خط دیکھا اور کہا۔

’’ہندی ہے‘‘

اور یہ کہہ کر پڑھنا شروع کیا۔

’’جے پور۔ پڑھیے نذیر صاحب۔ ‘‘

اتنا پڑھ کر وہ رک گئی۔ نذیر چونکا۔ نعیمہ نے ایک سطر اور پڑھی۔

’’آداب۔ آپ تو مجھے بھول چکے ہوں گے۔ مگر جب سے میں یہاں آئی ہوں، آپ کو یاد کرتی رہتی ہوں۔ ‘‘

نعیمہ کا رنگ سرخ ہو گیا۔ اس نے کاغذ کا دوسرا رخ دیکھا۔

’’کوئی شاردا ہے۔ ‘‘

نذیر اٹھا۔ جلدی سے اس نے نعیمہ کے ہاتھ سے خط لیا اور اپنی بیوی سے کہا۔

’’خدا معلوم کون ہے۔ میں باہر جارہا ہوں۔ اس کو پڑھا کر اردو میں لکھوا لاؤں گا۔ ‘‘

اس نے بیوی کو کچھ کہنے کا موقعہ ہی نہ دیا اور چلا گیا۔ ایک دوست کے پاس جا کر اس نے شاردا کے خط جیسے کاغذ منگوائے اور ہندی میں ویسی ہی روشنائی سے ایک خط لکھوایا۔ پہلے فقرے وہی رکھے۔ مضمون یہ تھا کہ بمبے سنٹرل پر شاردا اس سے ملی تھی۔ اس کو اتنے بڑے مصور سے مل کر بہت خوش ہوئی تھی وغیرہ وغیرہ۔ شام کو گھر آیا اس نے نیا خط بیوی کو دیا اور اردو کی نقل پڑھ کر سنا دی۔ بیوی نے شاردا کے متعلق اس سے دریافت کیا تو اس نے کہا۔

’’عرصہ ہوا ہے میں ایک دوست کو چھوڑنے گیا تھا۔ شاردا کو یہ دوست جانتا تھا۔ وہاں پلیٹ فارم پر میرا تعارف ہوا۔ مصوری کا اسے بھی شوق تھا۔ ‘‘

بات آئی گئی ہو گئی۔ لیکن دوسرے روز شاردا کا ایک اور خط آگیا۔ اس کو بھی نذیر نے اسی طریقے سے گول کیا۔ اور فوراً شاردا کو تار دیا کہ وہ خط لکھنا بند کردے اور اس کے نئے پتے کا انتظار کرے۔ ڈاک خانے جا کر اس نے متعلقہ پوسٹ مین کو تاکید کردی کہ جے پور کا خط وہ اپنے پاس رکھے، صبح آکر وہ اس سے پوچھ لیا کرے گا۔ تین خط اس نے اس طرح وصول کیے۔ اس کے بعد شاردا اس کو اس کے دوست کے پتے سے خط بھیجنے لگی۔ شاردا بہت کم گو تھیٗ، لیکن خط بہت لمبے لکھتی تھی۔ اس نے نذیر کے سامنے کبھی اپنی محبت کا اظہار نہیں کیا تھا، لیکن اس کے خط اظہار سے پُر ہوتے تھے۔ گلے شکوے، ہجر وفراق، اس قسم کی عام باتیں جو عشقیہ خطوں میں ہوتی ہیں۔ نذیر کو شاردا سے وہ محبت نہیں تھی جس کا ذکر افسانوں اور ناولوں میں ہوتا ہے، اس لیے اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ جواب میں کیا لکھے، اس لیے یہ کام اس کا دوست ہی کرتا تھا۔ ہندی میں جواب لکھ کر وہ نذیر کو سنا دیتا تھا اور نذیر کہہ دیتا تھا۔

’’ٹھیک ہے۔ ‘‘

شاردا بمبئی آنے کے لیے بے قرار تھی۔ لیکن وہ کریم کے پاس نہیں ٹھہرنا چاہتی تھی۔ نذیر اس کی رہائش کا اور کہیں بندوبست نہیں کرسکتا تھا۔ کیوں کہ مکان ان دنوں ملتے ہی نہیں تھے۔ اس نے ہوٹل کا سوچا۔ مگر خیال آیا، ایسا نہ ہو کہ راز فاش ہو جائے، چنانچہ اس نے شاردا کو لکھوا دیا کہ وہ ابھی کچھ دیر انتظار کرے۔ اتنے میں فرقہ وارانہ فساد شروع ہو گئے۔ بٹوارے سے پہلے عجیب افراتفری مچی تھی۔ اس کی بیوی نے کہا کہ وہ لاہور جانا چاہتی ہے۔

’’میں کچھ دیر وہاں رہونگی اگر حالات ٹھیک ہو گئے تو واپس آجاؤں گی، ورنہ آپ بھی وہیں چلے آئیے گا۔ ‘‘

نذیر نے کچھ دیر اسے روکا۔ مگر جب اس کا بھائی لاہور جانے کے لیے تیار ہوا تو وہ اور اس کی بہن اس کے ساتھ چلی گئیں اور وہ اکیلا رہ گیا۔ اس نے شاردا کو سرسری طور پر لکھا کہ وہ اب اکیلا ہے۔ جواب میں اس کا تار آیا کہ وہ آرہی ہے۔ اس تار کے مضمون کے مطابق وہ جے پور سے چل پڑی تھی۔ نذیر بہت سٹپٹایا۔ مگر اس کا جسم بہت خوش تھا۔ وہ شاردا کے جسم کا خلوص چاہتا تھا۔ وہ دن پھر سے مانگتا تھا۔ جب وہ شاردا کے ساتھ چمٹا ہوتا تھا۔ صبح گیارہ بجے سے لیکر شام کے سات بجے تک اب روپے کے خرچ کا سوال ہی نہیں تھا۔ کریم بھی نہیں تھا۔ ہوٹل بھی نہیں تھا۔ اس نے سوچا۔

’’میں اپنے نوکر کو راز دار بنا لوں گا۔ سب ٹھیک ہو جائیگا دس پندرہ روپے اس کا منہ بند کردیں گے۔ میری بیوی واپس آئی تو وہ اس سے کچھ نہیں کہے گا۔ ‘‘

دوسرے روز وہ اسٹیشن پہنچا۔ فرنٹیر میل ٓئی مگر شاردا، تلاشکے باوجود اسے نہ ملی۔ اس نے سوچا، شاید کسی وجہ سے رک گئی ہے۔ دوسرا تار بھیجے گی۔ اس سے اگلے روز وہ حسب معمول صبح کی ٹرین سے اپنے دفتر روانہ ہوا۔ وہ مہالکشمی اترتا تھا۔ گاڑی وہاں رکی تو اس نے دیکھا کہ پلیٹ فارم پر شاردا کھڑی ہے۔ اس نے زور سے پکارا۔

’’شاردا!‘‘

شاردا نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔

’’نذیر صاحب!‘‘

’’تم یہاں یہاں؟‘‘

شاردا نے شکایتاً کہا۔

’’آپ مجھے لینے نہ آئے تو میں یہاں آپ کے دفتر پہنچی۔ پتا چلا کہ آپ ابھی تک نہیں آئے۔ یہاں پلیٹ فارم پر اب آپ کا انتظار کررہی تھی۔ ‘‘

نذیر نے کچھ دیر سوچ کر اس سے کہا۔

’’تم یہاں ٹھہرو۔ میں دفتر سے چھٹی لیکر ابھی آتا ہوں۔ ‘‘

شاردا کو بنچ پر بٹھا کر جلدی جلدی دفتر گیا۔ ایک عرضی لکھ کر وہاں چپڑاسی کو دے آیا اور شاردا کو اپنے گھر لے گیا۔ راستے میں دونوں نے کوئی بات نہ کی، لیکن ان کے جسم آپس میں گفتگو کرتے رہے۔ ایک دوسرے کی طرف کھنچتے رہے۔ گھر پہنچ کر نذیر نے شاردا سے کہا۔

’’تم نہا لو، میں ناشتے کا بندوبست کراتا ہوں۔ ‘‘

شاردا نہانے لگی۔ نذیر نے نوکر سے کہا

’’کہ اس کے ایک دوست کی بیوی آئی ہے۔ جلدی ناشتہ تیار کردے۔ اس سے یہ کہہ کر نذیر نے الماری سے بوتل نکالی۔ ایک پیگ جو دو کے برابر تھا گلاس میں انڈیلا اور پانی میں ملا کر پی گیا۔ وہ اسی ہوٹل والے ڈھنگ سے شاردا سے اختلاط چاہتا تھا۔ شاردا نہا دھو کر باہر نکلی اور ناشتہ کرنے لگی۔ اس نے اِدھر اُدھر کی بے شمار باتیں کیں۔ نذیر نے محسوس کیا جیسے وہ بدل گئی ہے۔ وہ پہلے بہت کم گو تھی۔ اکثر خاموش رہتی تھی، مگر اب وہ بات بات پر اپنی محبت کا اظہار کرتی تھی۔ نذیر نے سوچا۔

’’یہ محبت کیا ہے۔ اگر یہ اس کا اظہار نہ کرے تو کتنا اچھا ہے مجھے اس کی خاموشی زیادہ پسند تھی۔ اس کے ذریعے سے مجھ تک بہت سی باتیں پہنچ جاتی تھیں، مگر اب اس کو جانے کیا ہو گیا ہے۔ باتیں کرتی ہے تو ایسا معلوم ہوتا ہے اپنے عشقیہ خط پڑھ کر سنا رہی ہے۔ ‘‘

ناشتہ ختم ہوا تو نذیر نے ایک پیگ تیار کیا اور شاردا کو پیش کیا۔ لیکن اس نے انکار کردیا۔ نذیر نے اصرار کیا تو شاردا نے اس کو خوش کرنے کی خاطر، ناک بند کرکے وہ پیگ پی لیا۔ بُرا سا منہ بنایا۔ پانی لے کر کلی کی۔ نذیر کو افسوس سا ہوا کہ شاردا نے کیوں پی۔ اس کے اصرار پر بھی انکار کیا ہوتا تو زیادہ اچھا تھا۔ مگر اس نے اس کے بارے میں زیادہ غور نہ کیا۔ نوکر کو بہت دور ایک کام پر بھیجا۔ دروازہ بند کیا اور شاردا کے ساتھ بستر پر لیٹ گیا۔

’’تم نے لکھا تھا کہ وہ دن پھر کب آئیں گے۔ لو آگئے ہیں پھر وہی دن، بلکہ راتیں بھی۔ ان دنوں راتیں نہیں ہوتی تھیں صرف دن ہوتے تھے۔ ہوٹل کے میلے کچیلے دن یہاں ہر چیز اجلی ہے۔ ہر چیز صاف ہے۔ ہوٹل کا کرایہ بھی نہیں۔ کریم بھی نہیں۔ یہاں ہم اپنے مالک آپ ہیں۔ شاردا نے اپنے فراق کی باتیں شروع کردیں۔ یہ زمانہ اس نے کیسے کاٹا۔ وہی کتابوں اور افسانوں والی فضول باتیں، گلے، شکوے، آہیں۔ راتیں تارے گن گن کر کاٹنا۔ نذیر نے ایک اور پیگ پیا اور سوچا۔

’’کون تارے گنتا ہے۔ گن کیسے سکتا ہے اتنے سارے تاروں کو۔ بالکل فضول ہے، بے ہودہ بکواس ہے۔ ‘‘

یہ سوچتے ہوئے اس نے شاردا کو اپنے ساتھ لگا گیا۔ بستر صاف تھا۔ شاردا صاف تھی۔ وہ خود صاف تھا۔ کمرے کی فضا بھی صاف تھی۔ لیکن کیا وجہ تھی، نذیر کے دل و دماغ پر وہ کیفیت طاری نہیں ہوتی تھی جو اس غلیظ ہوٹل میں لوہے کی چارپائی پر شاردا کی قربت میں ہوتی تھی۔ نذیر نے سوچا۔ شاید اس نے کم پی ہے۔ اٹھ کر اس نے ایک پیگ بنایا اور ایک ہی جرتے میں ختم کرکے شاردا کے ساتھ لیٹ گیا۔ شاردا نے پھر وہی لاکھ مرتبہ کہی ہوئی باتیں شروع کردیں۔ وہی ہجر وفراق کی باتیں۔ وہی گلے شکوے۔ نذیر اکتا گیا اور اس اکتاہٹ نے اس کے جسم کو کند کردیا۔ اس کو محسوس ہونے لگا کہ شاردا کی سان گھس کر بیکار ہو گئی ہے اس کے جسم کے جذبات اب وہ تیز نہیں کرسکتی۔ لیکن وہ پھر بھی اس کے ساتھ دیر تک لیٹا رہا۔ فارغ ہوا تو اس کا جی چاہا کہ ٹیکسی پکڑے اور اپنے گھر چلا جائے، اپنی بیوی کے پاس، مگر جب اس نے سوچا کہ وہ تو اپنے گھر میں ہے، اور اس کی بیوی لاہور میں تو دل ہی دل میں بہت جھنجھلایا۔ اس کو یہ خواہش ہوئی کہ اس کا گھر ہوٹل بن جائے وہ دس روپے کرائے کے دے۔ کریم کو پچاس روپے ادا کرے اور چلا جائے۔ شاردا کے جسم کا خلوص بدستور برقرار تھا، مگر وہ فضا نہیں تھی۔ وہ سودے بازی نہیں تھی۔ یہ سب چیزیں مل ملا کر جو ایک ماحول بناتی تھیں۔ وہ نہیں تھا۔ نذیر اپنے گھر میں تھا۔ اس بستر پر تھا جس پر اس کی سادہ لوح بیوی اس کے ساتھ سوتی تھی۔ یہ احساس کے تحت الشعور میں تھا، اسی لیے وہ سمجھ نہ سکتا تھا۔ کہ معاملہ کیا ہے۔ کبھی وہ یہ سوچتا تھا کہ وسکی خراب ہے، کبھی یہ سوچتا تھاکہ شاردا نے التفات نہیں برتا۔ اور کبھی یہ خیال کرتا تھا کہ وہ خاموش رہتی تو سب ٹھیک ہوتا۔ پھر وہ یہ سوچتا، اتنی دیر کے بعد ملی ہے۔ دل کی بھڑاس تو نکالنا تھی بے چاری کو۔ ایک دو دن میں ٹھیک ہو جائے گی، وہی پرانی شاردا بن جائے گی۔ ‘‘

پندرہ دن گزر گئے، مگر نذیرکو شاردا وہ پرانی ہوٹل والی شاردا محسوس نہ ہوئی۔ اس کی بچی جے پور میں تھی۔ ہوٹل میں وہ اس کے ساتھ ہوتی تھی۔ نذیر اس کے زکام کے لیے، اس کی پھنسیوں کے لیے، اس کے گلے کے لیے دوائیں منگوایا کرتا تھا۔ اب یہ چیز نہیں تھی۔ وہ بالکل اکیلی تھی۔ نذیر اس کو اور اسکی منی کو بالکل ایک سمجھتا تھا۔ ایک بار شاردا کی دودھ سے بھری ہوئی چھاتیوں پر دباؤ ڈ النے کے باعث نذیر کے بالوں بھرے سینے پر دودھ کے کئی قطرے چمٹ گئے تھے اور اس نے ایک عجیب قسم کی لذت محسوس کی تھی۔ اس نے سوچا تھا، ماں بننا کتنا اچھا ہے۔ اور یہ دودھ۔ مردوں میں یہ کتنی بڑی کمی ہے کہ وہ کھا پی کر سب ہضم کر جاتے ہیں۔ عورتیں کھاتی ہیں اور کھلاتی بھی ہیں۔ کسی کو پالنا۔ اپنے بچے ہی کو سہی کتنی شاندار چیز ہے۔ ‘‘

اب منی، شاردا کے ساتھ نہیں تھی۔ وہ نامکمل تھی۔ اس کی چھاتیاں بھی نا مکمل تھیں اب ان میں دودھ نہیں تھا۔ وہ سفید سفید آبِ حیات۔ نذیر اب اس کو اپنے سینے کے ساتھ بھینچتا تھا تو وہ اس کومنع نہیں کرتی تھی۔ شاردا، اب وہ شاردا نہیں تھی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ شاردا وہی شاردا تھی، بلکہ اس سے کچھ زیادہ تھی۔ یعنی اتنی دیر جدا رہنے کے بعد اس کا جسمانی خلوص تیز ہو گیا تھا۔ وہ روحانی طور پر بھی نذیر کو چاہتی تھی لیکن نذیر کو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شادرا میں اب وہ پہلی سی کشش یا جو کچھ بھی تھا نہیں رہا۔ پندرہ دن لگا تار اس کے ساتھ گزارنے پر وہ اسی نتیجے پر پہنچا تھا۔ پندرہ دن دفتر سے غیر حاضری بہت کافی تھی۔ اس نے اب دفتر جانا شروع کردیا۔ صبح اٹھ کر دفتر جاتا اور شام کو لوٹتا۔ شاردا نے بالکل بیویوں کی طرح اس کی خدمت شروع کردی۔ بازار سے اون خرید کر اس کے لیے ایک سویٹر بن دیا۔ شام کو دفتر سے آتا تو اس کے لیے سوڈے منگوا کر رکھے ہوتے۔ برف، تھرموس میں ڈالی ہوتی۔ صبح اٹھ کر اس کا شیو کا سامان میز پررکھتی۔ پانی گرم کرا کے اس کو دیتی۔ وہ شیو کر چکتا تو سارا سامان صاف کردیتی۔ گھرکی صفائی کراتی۔ خود جھاڑو دیتی۔ نذیر اور بھی زیادہ اکتا گیا۔ رات کو وہ اکٹھے سوتے تھے۔ مگر اب اس نے یہ بہانہ کیا کہ وہ کچھ سوچ رہا ہے، اس لیے اکیلا سونا چاہتا ہے۔ شاردا دوسرے پلنگ پر سونے لگی۔ مگر یہ نذیر کے لیے ایک اور الجھن ہو گئی۔ وہ گہری نیند سوئی ہوتی اور وہ جاگتا رہتا۔ اور سوچتا کہ آخر یہ سب کچھ ہے کیا۔ یہ شاردا یہاں کیوں ہے؟۔ کریم کے ہوٹل میں اس نے اس کے ساتھ چند دن بڑے اچھے گزارے تھے، مگر یہ اس کے ساتھ کیوں چمٹ گئی ہے۔ آخر اس کا انجام کیا ہو گا۔ محبت وغیرہ سب بکواس ہے۔ جو ایک چھوٹی سی بات تھی وہ اب نہیں رہی۔ اس کو واپس جے پور جانا چاہیے۔ کچھ دنوں کے بعد اس نے یہ محسوس کرنا شروع کردیا کہ وہ گناہ کررہا ہے۔ وہ کریم کے ہوٹل میں بھی کرتا تھا۔ اس نے شادی سے پہلے بھی ایسے بے شمار کیے تھے، مگر ان کا اسکو احساس ہی نہیں تھا لیکن اب اس نے بڑی شدت سے محسوس کرنا شروع کیا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے بے وفائی کررہا ہے اپنی سادہ لوح بیوی سے جس کو اس نے کئی بار شاردا کے خطوں کے سلسلے میں چکمہ دیا تھا۔ شاردا اب اور بھی زیادہ بے کشش ہو گئی۔ وہ اس سے روکھا برتاؤ کرنے لگا، مگر اس کے التفات میں کوئی فرق نہ آیا۔ وہ اتنا جانتی تھی کہ آرٹسٹ لوگ موجی ہوتے ہیں۔ اسی لیے وہ اس سے ا س کی بے التفاتی کا گلہ نہیں کرتی تھی۔ پورا ایک مہینہ ہو گیا۔ جب نذیر نے دن گنے تو اس کو بہت الجھن ہوئی۔

’’یہ عورت کیا پورا ایک مہینہ یہاں رہی ہے۔ میں کس قدر ذلیل آدمی ہوں۔ اور ادھر ہر روز میں اپنی بیوی کو خط لکھتا ہوں، جیسے بڑا وفادار شوہر ہوں۔ جیسے مجھے اس کا بہت خیال ہے۔ جیسے اس کے بغیر میری زندگی اجیرن ہے۔ میں کتنا بڑا فراڈ ہوں۔ ادھر اپنی بیوی سے غداری کررہا ہوں، ادھر شاردا سے۔ میں کیوں اس سے صاف صاف نہیں کہہ دیتا کہ بھئی اب مجھے تم سے لگاؤ نہیں رہا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ مجھے لگاؤ نہیں رہا، شاردا میں وہ پہلی سی بات نہیں رہی؟‘‘

وہ اس کے متعلق سوچتا مگر اسے کوئی جواب نہ ملتا۔ اس کے ذہن میں عجیب افراتفری پھیلی تھی۔ وہ اب اخلاقیات کے متعلق سوچتا تھا۔ بیوی سے جو وہ غداری کررہا تھا، اس کا احساس ہر وقت اس پر غالب رہتا تھا۔ کچھ دن اور گزرے تو یہ احساس اور بھی زیادہ شدید ہو گیا۔ اور نذیر کو خود سے نفرت ہونے لگی۔

’’میں بہت ذلیل ہوں۔ یہ عورت میری دوسری بیوی کیوں بن گئی ہے۔ مجھے اس کی کب ضرورت تھی۔ یہ کیوں میرے ساتھ چپک گئی ہے۔ میں نے کیوں اس کو یہاں آنے کی اجازت دی۔ جب اس نے تار بھیجا تھا۔ لیکن وہ تار ایسے وقت پر ملا تھا کہ میں اس کو روک ہی نہیں سکتا تھا۔ ‘‘

پھروہ سوچتا کہ شاردا جو کچھ کرتی ہے، بناوٹ ہے۔ وہ اس کو اس بناوٹ سے اپنی بیوی سے جدا کرنا چاہتی ہے۔ اس سے اس کی نظروں میں شاردا اور بھی گر گئی۔ اس سے نذیر کا سلوک اور زیادہ روکھا ہو گیا۔ اس روکھے پن کو دیکھ کر شاردا بہت زیادہ ملائم ہو گئی۔ اس نے نذیر کے آرام و آسائش کا زیادہ خیال رکھنا شروع کردیا۔ لیکن نذیر کو اس کے اس رویے سے بہت الجھن ہوئی۔ وہ اس سے بے حدنفرت کرنے لگا۔ ایک دن اس کی جیب خالی تھی۔ بینک سے روپے نکلوانے اس کو یاد نہیں رہے تھے۔ دفتر بہت دیر سے گیا، اس لیے کہ اس کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ جاتے وقت شاردا نے اس سے کچھ کہا تو وہ اس پر برس پڑا۔

’’بکواس نہ کرو۔ میں ٹھیک ہوں۔ بینک سے روپے نکلوانے بھول گیا ہوں اور سگریٹ میرے سارے ختم ہیں۔ ‘‘

دفتر کے پاس کی دکان سے اس کو گولڈ فلیک کا ڈبہ ملا۔ یہ سگریٹ اس کو ناپسند تھے مگر ادھار مل گئے تھے۔ اس لیے دو تین مجبوراً پینے پڑے۔ شام کو گھر آیا تو دیکھا۔ تپائی پر اس کا من بھاتا سگریٹ کا ڈبہ پڑا ہے۔ خیال کیا کہ خالی ہے۔ پھر سوچا شاید ایک دو اس میں پڑے ہوں۔ کھول کر دیکھا تو بھرا ہوا تھا۔ شاردا سے پوچھا۔

’’یہ ڈبہ کہاں سے آیا؟‘‘

شاردا نے مسکرا کر جواب دیا۔

’’اندر الماری میں پڑا تھا۔ ‘‘

نذیر نے کچھ نہ کہا۔ اس نے سوچا، شاید میں نے کھول کر اندر الماری میں رکھ دیا تھا اور بھول گیا۔ لیکن دوسرے دن پھر تپائی پر سالم ڈبہ موجود تھا۔ نذیر نے جب شاردا سے اس کی بابت پوچھا تو اس نے مسکرا کر وہی جواب دیا۔ اندر الماری میں پڑا تھا۔ ‘‘

نذیر نے بڑے غصے کے ساتھ کہا۔

’’شاردا، تم بکواس کرتی ہو۔ تمہاری یہ حرکت مجھے پسند نہیں۔ میں اپنی چیزیں خود خرید سکتا ہوں۔ میں بھکاری نہیں ہوں جو تم میرے لیے ہر روز سگریٹ خریدا کرو۔ ‘‘

شاردا نے بڑے پیار سے کہا۔

’’آپ بھول جاتے ہیں، اسی لیے میں نے دو مرتبہ گستاخی کی۔ ‘‘

نذیر نے بے وجہ اور زیادہ غصے سے کہا۔

’’میرا دماغ خراب ہے۔ لیکن مجھے یہ گستاخی ہرگز پسند نہیں۔ ‘‘

شاردا کا لہجہ بہت ہی ملائم ہو گیا۔

’’میں آپ سے معافی مانگتی ہوں۔ ‘‘

نذیر نے ایک لحظے کے لیے خیال کیا کہ شاردا کی کوئی غلطی نہیں۔ اسے آگے بڑھ کر اس کا منہ چوم لینا چاہیے اس لیے کہ وہ اس کا اتنا خیال رکھتی تھی۔ مگر فوراً ہی اس کو اپنی بیوی کا خیال آیا کہ وہ غداری کررہا تھا، چنانچہ اس نے شاردا سے بڑے نفرت بھرے لہجے میں کہا۔

’’بکواس نہ کرو۔ میرا خیال ہے کہ تمہیں کل یہاں سے روانہ کردوں۔ کل صبح تمہیں جتنے روپئے دوکار ہوں گے دے دوں گا۔ ‘‘

لیکن یہ کہہ کر نذیر نے محسوس کیا جیسے وہ بڑا کمینہ اور رذیل ہے۔ شاردا نے کچھ نہ کہا۔

’’رات کو وہ نذیر کے ساتھ سوئی۔ ساری رات اس سے پیار کرتی رہی۔ نذیر کو اس سے الجھن ہوتی رہی مگر اس نے شاردا پر اس کا اظہار نہ کیا۔ صبح اٹھا تو ناشتے پر بے شمار لذیذ چیزیں تھی۔ پھر بھی اس نے شاردا سے کوئی بات نہ کی۔ فارغ ہو کر وہ سیدھا بنک گیا۔ جانے سے پہلے اس نے شاردا سے صرف اتنا کہا۔ میں بنک جارہا ہوں۔ ابھی واپس آتا ہوں۔ ‘‘

بنک کی وہ شاخ جس میں نذیر کا روپیہ جمع تھا بالکل نزدیک تھا۔ وہ دو سو روپے نکلوا کر فوراً ہی واپس آگیا۔ اس کا ارادہ تھا کہ وہ سب روپیہ شاردا کے حوالے کردے گا اور اس کو ٹکٹ وغیرہ لے کر رخصت کردے گا۔ مگر وہ جب گھر پہنچا تو اس کے نوکر نے بتایا کہ وہ چلی گئی ہے۔ اس نے پوچھا۔

’’کہاں؟‘‘

نوکر نے بتایا۔

’’جی مجھ سے انھوں نے کچھ نہیں کہا۔ اپنا ٹرنک اور بستر ساتھ لے گئی ہیں!‘‘

نذیر اندر کمرے میں آیا تو اس نے دیکھا کہ تپائی پر اس کے پسندیدہ سگرٹوں کا ڈبہ پڑا ہے۔ بھرا ہوا!‘‘

31جولائی1950ء

سعادت حسن منٹو

شادی

جمیل کو اپنا شیفر لائف ٹائم قلم مرمت کے لیے دینا تھا۔ اس نے ٹیلی فون ڈائریکٹری میں شیفر کمپنی کا نمبر تلاش کیا۔ فون کرنے سے معلوم ہوا کہ ان کے ایجنٹ میسرز ڈی، جے، سمتوئر ہیں جن کا دفتر گرین ہوٹل کے پاس واقع ہے۔ جمیل نے ٹیکسی اور فورٹ کی طرف چل دیا۔ گرین ہوٹل پہنچ کر اسے میسرز ڈی، جے، سمتوئر کا دفتر تلاش کرنے میں دقت نہ ہوئی۔ بالکل پاس تھا مگر تیسری منزل پر۔ لفٹ کے ذریعے جمیل وہاں پہنچا۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی چوبی دیوار کی چھوٹی سی کھڑکی کے پیچھے اسے ایک خوش شکل اینگلو انڈین لڑکی نظر آئی، جس کی چھاتیاں غیر معمولی طور پر نمایاں تھیں۔ جمیل نے قلم اس کی کھڑکی کے اندر داخل کردیا اور منہ سے کچھ نہ بولا۔ لڑکی نے قلم اس کے ہاتھ سے لے لیا، کھول کر ایک نظر دیکھا اور ایک چٹ پر کچھ لکھ کر جمیل کے حوالے کردیا۔ منہ سے وہ بھی کچھ نہ بولی۔ جمیل نے چٹ دیکھی۔ قلم کی رسید تھی۔ چلنے ہی والا تھا کہ پلٹ کر اس نے لڑکی سے پوچھا۔

’’دس بارہ روز تک تیار ہو جائے گا، میرا خیال ہے۔ ‘‘

لڑکی بڑے زور سے ہنسی۔ جمیل کچھ کھسیانا سا ہو گیا۔

’’میں آپ کی اس ہنسی کا مطلب نہیں سمجھا۔ ‘‘

لڑکی نے کھڑکی کے ساتھ منہ لگا کر کہا۔

’’مسٹر۔ آج کل وار ہے وار۔ یہ قلم امریکہ جائے گا۔ تم نو مہینے کے بعد پتا کرنا۔ ‘‘

جمیل بوکھلا گا۔

’’نو مہینے!‘‘

لڑکی نے اپنے بریدہ بالوں والا سر ہلایا۔ جمیل نے لفٹ کا رخ کیا۔ یہ نو مہینے کا سلسلہ خوب تھا۔ نو مہینے۔ اتنی مدت کے بعد تو عورت گل گوتھنا بچہ پیداکرکے ایک طرف رکھ دیتی ہے۔ نو مہینے۔ نو مہینے تک اس چھوٹی سی چٹ کو سنبھالے رکھو۔ اوریہ بھی کون وثوق سے کہہ سکتا ہے کہ نو مہینے تک آدمی یاد رکھ سکتا ہے کہ اس نے ایک قلم مرمت کے لیے دیا تھا۔ ہو سکتا ہے اس دوران میں وہ کم بخت مرکھپ ہی جائے۔ جمیل نے سوچا، یہ سب ڈھکوسلا ہے۔ قلم میں معمولی سی خرابی تھی کہ اس کا فیڈر ضرورت سے زیادہ روشنائی سپلائی کرتا تھا۔ اس کے لیے اسے امریکہ کے ہسپتال میں بھیجنا صریحاً چالبازی تھی۔ مگر پھر اس نے سوچا، لعنت بھیجو اس قلم پر۔ امریکہ جائے یا افریقہ۔ اس میں شک نہیں کہ اس نے یہ بلیک مارکیٹ سے ایک سو پچھتر روپے میں خریدا تھا۔ مگر اس نے ایک برس اسے خوب استعمال بھی تو کیا تھا۔ ہزاروں صفحے کالے کر ڈالے تھے۔ چنانچہ وہ قنوطی سے ایک دم رجائی بن گیا۔ اور رجائی بنتے ہی اسے خیال آیا کہ وہ فورٹ میں ہے اور فورٹ میں شراب کی بے شمار دکانیں۔ وسکی تو ظاہر ہے نہیں ملے گی لیکن فرانس کی بہترین کونک برانڈی تو مل جائے گی، چنانچہ اس نے قریب والی شراب کی دکان کا رخ کیا۔ برانڈی کی ایک بوتل خرید کر وہ لوٹ رہا تھا کہ گرین ہوٹل کے پاس آکے رک گیا۔ ہوٹل کے نیچے قد آدم شیشوں کا بنا ہوا قالینوں کا شو روم تھا۔ یہ جمیل کے دوست پیر صاحب کا تھا۔ اس نے سوچا چلو اندر چلیں۔ چنانچہ چند لمحات کے بعد ہی وہ شو روم میں تھا اور اپنے دوست پیر سے، جو عمر میں اس سے کافی بڑا تھا، اور ہنسی مذاق کی گفتگو کررہا تھا۔ برانڈی کی بوتل باریک کاغذ میں لپٹی دبیز ایرانی قالین پر لیٹی ہوئی تھی۔ پیر صاحب نے اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جمیل سے کہا۔

’’یار اس دلہن کا گھونگٹ تو کھولو۔ ذرا اس سے چھیڑ خانی تو کرو۔ ‘‘

جمیل مطلب سمجھ گیا۔

’’سو پیر صاحب گلاس اور سوڈے منگوادئیے۔ پھر دیکھیے کیا رنگ جمتا ہے۔ ‘‘

فوراً گلاس اور یخ بستہ سوڈے آگئے۔ پہلا دور ہوا۔ دوسرا دور شروع ہونے ہی والا تھا کہ پیر صاحب کے ایک گجراتی دوست اندر چلے آئے اور بڑی بے تکلفی سے قالین پر بیٹھ گئے۔ اتفاق سے ہوٹل کا چھوکرا دو کے بجائے تین گلاس اٹھالایا تھا۔ پیر صاحب کے گجراتی دوست نے بڑی صاف اردو میں چند ادھر ادھر کی باتیں کیں اور گلاس میں یہ بڑا پیگ ڈال کر اس کو سوڈے سے لبالب بھر دیا۔ تین چار لمبے لمبے گھونٹ لے کر انھوں نے رومال سے اپنا منہ صاف کیا۔

’’سگریٹ نکالو یار!‘‘

پیر صاحب میں ساتوں عیب شرعی تھے۔ مگر وہ سگریٹ نہیں پیتے تھے۔ جمیل نے جیب سے اپنا سگریٹ کیس نکالا اور قالین پر رکھ دیا۔ ساتھ ہی لائٹر۔ اس پر پیر صاحب نے جمیل سے اس گجراتی کا تعارف کرایا

’’مسٹر نٹورلال۔ آپ موتیوں کی دلالی کرتے ہیں۔ ‘‘

جمیل نے ایک لحظے کے لیے سوچا، کوئلوں کی دلالی میں تو انسان کا منہ کالا ہوتا ہے۔ موتیوں کی دلالی میں۔ پیر صاحب نے جمیل کی طرف دیکھتے ہوئے کہا

’’مسٹر جمیل۔ مشہور سونگ رائٹر۔ ‘‘

دونوں نے ہاتھ ملایااور برانڈی کا نیا دور شروع ہوا اور ایسا شروع ہوا کہ بوتل خالی ہو گئی۔ جمیل نے دل میں سوچا یہ کم بخت موتیوں کا دلال بلا کا پینے والا ہے۔ میری پیاس اور سرور کی ساری برانڈی چڑھا گیا۔ خدا کرے اسے موتیا بند ہو۔ مگر جونہی آخری دور کے پیگ نے جمیل کے پیٹ میں اپنے قدم جمائے، اس نے نٹور لال کو معاف کردیا۔ اورآخر میں اس سے کہا۔

’’مسٹر نٹور! اٹھیے، ایک بوتل اور ہو جائے۔ ‘‘

نٹور لال فوراً اٹھا۔ اپنے سفید و گلے کی شکنیں درست کیں۔ دھوتی کی لانگ ٹھیک کی اور کہا۔

’’چلیے!‘‘

جمیل پیر صاحب سے مخاطب ہوا۔

’’ہم ابھی حاضر ہوتے ہیں۔ ‘‘

جمیل اور نٹور نے باہر نکل کر ٹیکسی لی اور شراب کی دکان پرپہنچے۔ جمیل نے ٹیکسی روکی مگر نٹور نے کہا۔

’’مسٹر جمیل۔ یہ دکان ٹھیک نہیں۔ ساری چیزیں مہنگی بیچتا ہے۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ ٹیکسی ڈرائیور سے مخاطب ہوا۔

’’دیکھو کولابہ چلو!‘‘

کولابہ پہنچ کر نٹور، جمیل کوشراب کی ایک چھوٹی سی دکان میں لے گیا۔ جو برانڈ جمیل نے فورٹ سے لیا، وہ تو نہ مل سکا، ایک دوسرا مل گیا جس کی نٹور نے بہت تعریف کی کہ نمبر ون ہے۔ یہ نمبر ون چیز خرید کر دونوں باہر نکلے۔ ساتھ ہی بار تھی۔ نٹور رک گیا۔

’’مسٹر جمیل! کیا خیال ہے آپ کا، ایک دو پیگ یہیں سے پی کر چلتے ہیں۔ ‘‘

جمیل کو کوئی اعتراض نہیں تھا، اس لیے کہ اس کا نشہ حالت نزع میں تھا۔ چنانچہ دونوں بار کے اندر داخل ہوئے۔ معاً جمیل کو خیال آیا کہ بار والے تو کبھی باہر کی شراب پینے کی اجازت نہیں دیا کرتے۔

’’مسٹر نٹور آپ یہاں کیسے پی سکتے ہیں۔ یہ لوگ اجازت نہیں دیں گے۔ ‘‘

نٹور نے زور سے آنکھ ماری۔

’’سب چلتا ہے۔ ‘‘

اور یہ کہہ کر ایک کیبن کے اندر گھس گیا۔ جمیل بھی اس کے پیچھے ہولیا۔ نٹور نے بوتل سنگین تپائی پر رکھی اور بیرے کو آواز دی۔ جب وہ آیا تو اس کو بھی آنکھ ماری۔

’’دیکھو! دو سوڈے روجرز۔ ٹھنڈے۔ اور دو گلاس۔ ایک دم صاف‘‘

بیرا یہ حکم سن کر چلا گیا اور فوراً سوڈے اور گلاس حاضر کردیے۔ اس پر نٹور نے اسے دوسرا حکم دیا۔

’’فسٹ کلاس چپس اور ٹومیٹوسوس۔ اور فسٹ کلاس کٹلس!‘‘

بیرا چلا گیا۔ نٹور جمیل کی طرف دیکھ کر ایسے ہی مسکرایا۔ بوتل کا کارک نکالا اور جمیل کو گلاس میں اس سے پوچھے بغیر ایک ڈبل ڈال دیا۔ خود اس سے کچھ زیادہ۔ سوڈا حل ہو گیا تو دونوں نے اپنے گلاس ٹکرائے۔ جمیل پیا سا تھا۔ ایک جرعے میں اس نے آدھا گلاس ختم کردیا۔ سوڈا چونکہ بہت ٹھنڈا اور تیز تھا اس لیے پھوں پھوں کرنے لگا۔ دس پندرہ منٹ کے بعد چپس اور کٹلس آگئے۔ جمیل صبح گھر سے ناشتہ کرکے نکلا تھا لیکن برانڈی نے اسے بھوک لگادی۔ چپس گرم گرم تھے، کٹلس بھی۔ وہ پل پڑا۔ نٹور نے اس کا ساتھ دیا۔ چنانچہ دو منٹ میں دونوں پلیٹیں صاف! دو پلیٹیں اور منگوائی گئیں۔ جمیل نے اپنے لیے چپس بھی منگوائے۔ دو گھنٹے اسی طرح گزر گئے۔ بوتل کی تین چوتھائی غائب ہو چکی تھی۔ جمیل نے سوچا کہ اب پیر صاحب کے پاس جانا بے کار ہے۔ نشے خوب جم رہے تھے، سرور خوب گھٹ رہے تھے۔ نٹور اور جمیل دونوں ہوا کے گھوڑوں پر سوار تھے۔ ایسے سواروں کو عام طور پر ایسی وادیوں میں جانے کی بڑی خواہش ہوتی ہے، جہاں انھیں عریاں بدن حسین عورتیں ملیں۔ وہ ان کی کمر میں ہاتھ ڈال کر گھوڑے پر بٹھالیں اور یہ جا، وہ جا۔ جمیل کا دل و دماغ اس وقت کسی ایسی وادی کے متعلق سوچ رہا تھا جہاں اس کی کسی ایسی خوبصورت عورت سے مڈبھیڑ ہو جائے جس کو وہ اپنے تپتے ہوئے سینے کے ساتھ بیھنچ لے، اس زور سے کہ اس کی ہڈیاں تک چٹخ جائیں۔ جمیل کو اتنا تو معلوم تھا کہ وہ ایسی جگہ پر ہے۔ مطلب ہے ایسے علاقے میں ہے جو اپنے بروتھلز(قحبہ خانے) کی وجہ سے ساری بمبئی میں مشہور ہے، جنھیں عیاشی کرنا ہوتی ہے وہ ادھر کا رخ کرتے ہیں۔ شہر سے بھی جس لڑکی کو لُک چھپ کر پیشہ کرنا ہوتا ہے، یہیں آتی ہے۔ ان معلومات کی بنا پر اس نے نٹورسے کہا۔

’’میں نے کہا۔ وہ۔ وہ۔ میرا مطلب ہے، ادھر کوئی چھوکری ووکری نہیں ملتی؟‘‘

نٹور نے اپنے گلاس میں ایک بڑا پیگ انڈیلا اور ہنسا۔

’’مسٹر جمیل! ایک نہیں ہزاروں۔ ہزاروں۔ ہزاروں۔ !‘‘

یہ ہزاروں کی گردان جاری رہتی اگر جمیل نے اس کی بات کاٹی نہ ہوتی۔

’’ان ہزاروں میں سے آج ایک ہی مل جائے تو ہم سمجھیں کہ نٹور بھائی نے کمال کردیا۔ ‘‘

نٹور بھائی مزے میں تھے۔ جھوم کرکہا۔

’’جمیل بھائی۔ ایک نہیں ہزاروں۔ چلو، اس کو ختم کرو۔ ‘‘

دونوں نے بوتل میں جو کچھ بچا تھا، آدھ گھنٹے کے اندر اندر ختم کردیا۔ بل ادا کرنے اور بیرے کو تکڑی ٹِپ دینے کے بعد دونوں باہر نکلے۔ اندر اندھیرا تھا۔ باہر دھوپ چمک رہی تھی۔ جمیل کی آنکھیں چندھیا گئیں۔ ایک لحظے کے لیے اسے کچھ نظر نہ آیا۔ آہستہ آہستہ اس کی آنکھیں تیز روشنی کی عادی ہوئیں تو اس نے نٹور سے کہا۔

’’چلو بھئی!‘‘

نٹور نے تلاشی لینے والی نگاہوں سے جمیل کی طرف دیکھا۔

’’مال پانی ہے نا؟‘‘

جمیل کے ہونٹوں پر نشیلی مسکراہٹ نمودار ہوئی۔ نٹور کی پسلیوں میں کہنی سے ٹھوکا دے کر اس نے کہا۔

’’بہت۔ نٹور بھائی، بہت۔ ‘‘

اور اس نے جیب سے پانچ نوٹ سو سو کے نکالے۔

’’کیا اتنے کافی نہیں؟‘‘

نٹور کی باچھیں کھل گئیں۔

’’کافی۔ ؟ بہت زیادہ ہیں۔ چلو آؤ، پہلے ایک بوتل خرید لیں، وہاں ضرورت پڑے گی۔ ‘‘

جمیل نے سوچا بات بالکل ٹھیک ہے، وہاں ضرورت نہیں پڑے گی تو کیا کسی مسجد میں پڑے گی۔ چنانچہ فوراً ایک بوتل خرید لی گئی۔ ٹیکسی کھڑی تھی۔ دونوں اس میں بیٹھ گئے اور اس وادی کی سیاحی کرنے لگے۔ سینکڑوں بروتھلز تھے۔ ان میں سے بیس پچیس کا جائزہ لیا گیا، مگر جمیل کو کوئی عورت پسند نہ آئی۔ سب میک اپ کی موٹی اور شوخ تہوں کے اندر چھپی ہوئی تھیں۔ جمیل چاہتا تھا کہ ایسی لڑکی ملے جو مرمت شدہ مکان معلوم نہ ہو۔ جس کو دیکھ کر یہ احساس نہ ہو کہ جگہ جگہ اکھڑے ہوئے پلستر کے ٹکڑوں پر بڑے اناڑی پن سے سرخی اور چونا لگایا گیا ہے۔ نٹور تنگ آگیا۔ اس کے سامنے جو بھی عورت آتی تھی، وہ جمیل کا کندھا پکڑ کر کہتا۔

’’جمیل بھائی، چلے گی!‘‘

مگر جمیل بھائی اٹھ کھڑا ہوتا۔

’’ہاں چلے گی۔ اور ہم بھی چلیں گے!‘‘

دو جگہیں اور دیکھی گئیں مگر جمیل کو مایوسی کا منہ دیکھنا پڑا۔ وہ سوچتا تھا کہ ان عورتوں کے پاس کون آتا ہے جو سؤر کے سوکھے ہوئے گوشت کے ٹکڑوں کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی ادائیں کتنی مکروہ ہیں۔ اٹھنے بیٹھنے کا انداز کتنا فحش ہے اور کہنے کو یہ پرائیویٹ ہیں یعنی ایسی عورتیں جو در پردہ پیشہ کراتی ہیں۔ جمیل کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ وہ پردہ کہاں ہے جس کے پیچھے یہ دھندہ کراتی ہیں۔ جمیل سوچ ہی رہا تھا کہ اب پروگرام کیا ہونا چاہیے، کہ نٹور نے ٹیکسی رکوائی اور اتر کرچلا گیا کہ ایک دم اسے ایک ضروری کام یاد آگیا تھا۔ اب جمیل اکیلا تھا۔ ٹیکسی تیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔ اس وقت ساڑھے چار بج چکے تھے۔ اس نے ڈرائیور سے پوچھا۔

’’یہاں کوئی بھڑوا ملے گا؟‘‘

ڈرائیور نے جواب دیا۔

’’ملے گا جناب!‘‘

’’تو چلو اس کے پاس!‘‘

ڈرائیور نے دو تین موڑ گھومے اور ایک پہاڑی بنگلہ نما بلڈنگ کے پاس گاڑی کھڑی کردی۔ دو تین مرتبہ ہارن بجایا۔ جمیل کا سر نشے کے باعث سخت بوجھل ہورہا تھا۔ آنکھوں کے سامنے دھند سی چھائی ہوئی تھی۔ اسے معلوم نہیں تھا کیسے اور کس طرح، مگر جب اس نے ذرا دماغ کو جھٹکا تو اس نے دیکھا کہ وہ ایک پلنگ پر بیٹھا ہے اور اس کے پاس ہی ایک جوان لڑکی، جس کی ناک کی پھننگ پر چھوٹی سی پھنسی تھی، اپنے بریدہ بالوں میں کنگھی کررہی ہے۔ جمیل نے اس کو غور سے دیکھا۔ سوچنے ہی والا تھا کہ وہ یہاں کیسے پہنچا مگر اس کے شعور نے اس کو مشورہ دیا کہ دیکھو یہ سب عبث ہے۔ جمیل نے سوچا، یہ ٹھیک ہے لیکن پھر بھی اس نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈال کر اندر ہی اندر نوٹ گن کر اور پاس پڑی ہوئی تپائی پر برانڈی کی سالم بوتل دیکھ کر اپنی تشفی کرلی کہ سب خیریت ہے۔ اس کا نشہ کسی قدر نیچے اترگیا۔ اٹھ کروہ اس گیسو بریدہ لڑکی کے پاس گیا اور کچھ سمجھ میں نہ آیا۔ مسکرا کر اس سے کہا۔

’’کہیے، مزاج کیسا ہے؟‘‘

اس لڑکی نے کنگھی میز پر رکھی اور کہا۔

’’کہیے آپ کا کیسا ہے؟‘‘

’’ٹھیک ہوں!‘‘

یہ کہہ کر اس نے لڑکی کی کمر میں ہاتھ ڈالا۔

’’آپ کا نام؟‘‘

’’بتا تو چکی ایک دفعہ۔ آپ کو میرا خیال ہے یہ بھی یاد نہ رہا ہو گا کہ آپ ٹیکسی میں یہاں آئے۔ جانے کہاں کہاں گھومتے رہے ہوں گے کہ بل اڑتیس روپے بنا جو آپ نے ادا کیا اور ایک شخص کا نام شاید نٹور تھا، آپ نے اس کو بے شمار گالیاں دیں۔ ‘‘

جمیل اپنے اندر ڈوب کر سارے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرنے ہی والا تھا کہ اس نے سوچا کہ فی الحال اس کی ضرورت نہیں، میں بھول جایا کرتا ہوں۔ یا یوں سمجھیے کہ مجھے بار بار پوچھنے میں مزا آتا ہے۔ وہ صرف اتنا یاد کرسکا کہ اس نے ٹیکسی والے کا بل جو کہ اڑتیس روپے بنتا تھا، ادا کیا تھا۔ لڑکی پلنگ پر بیٹھ گئی۔

’’میرا نام تارہ ہے۔ ‘‘

جمیل نے اس کو لٹا دیا اور اس سے مصنوعی پیار کرنے لگا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس کو پیاس محسوس ہوئی تو اس نے تارہ سے کہا۔

’’دو یخ بستہ سوڈے اور گلاس!‘‘

تارہ نے یہ دونوں چیزیں فوراً حاضر کردیں۔ جمیل نے بوتل کھولی۔ اپنے لیے ایک پیگ ڈال کر اس نے دوسرا تارہ کے لیے ڈالا۔ پھر دونوں پینے لگے۔ تین پیگ پینے کے بعد جمیل نے محسوس کیا کہ اس کی حالت بہتر ہو گئی ہے۔ تارہ کو چومنے چاٹنے کے بعد اس نے سوچا کہ اب قصہ مختصر ہو جانا چاہیے۔

’’کپڑے اتار دو!‘‘

’’سارے؟‘‘

’’ہاں سارے!‘‘

تارہ نے کپڑے اتار دیے اور لیٹ گئی۔ جمیل نے اس کے ننگے جسم کو ایک نظر دیکھا اور یہ رائے قائم کی کہ اچھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی خیالات کا ایک تانتا بندھ گیا۔ جمیل کا نکاح ہو چکا تھا۔ اس نے اپنی بیوی کو دو تین مرتبہ دیکھا تھا۔ اس کا بدن کیسا ہو گا۔ کیا وہ تارہ کی طرح اس کے ایک مرتبہ کہنے پر اپنے سارے کپڑے اتار کر اس کے ساتھ لیٹ جائے گی؟ کیا وہ اس کے ساتھ برانڈی پیے گی؟ کیا اس کے بال کٹے ہوئے ہیں؟ پھرفوراً اس کا ضمیر جاگا جس نے اس کو لعنت ملامت شروع کردی۔ نکاح کا یہ مطلب تھا کہ اس کی شادی ہو چکی تھی۔ صرف ایک مرحلہ باقی تھا کہ وہ اپنی سسرال جائے اور لڑکی کا ہاتھ پکڑ کر لے آئے۔ کیا اس کے لیے یہ واجب تھا کہ ایک بازاری عورت کو اپنی آغوش کی زینت بنائے۔ خم کے خم لنڈھاتا پھرے۔ جمیل بہت خفیف ہوا اور اسی خفت میں اس کی آنکھیں مندنا شروع ہو گئیں اور وہ سو گیا۔ تارہ بھی تھوڑی دیر کے بعد خواب غفلت کے مزے لینے لگی۔ جمیل نے کئی بے ربط، اوٹ پٹانگ خواب دیکھے۔ کوئی دو گھنٹے کے بعد جب کہ ایک بہت ہی ڈراؤنا خواب دیکھ رہا تھا، وہ ہڑبڑا کے اٹھا۔ جب اچھی طرح آنکھیں کھلیں تو اس نے دیکھا کہ وہ ایک اجنبی کمرے میں ہے اور اس کے ساتھ الف ننگی لڑکی لیٹی ہے۔ لیکن تھوڑی ہی دیر کے بعد واقعات آہستہ آہستہ اس کے دماغ کی دھند چیر کر نمودار ہونے لگے۔ وہ خود بھی الف ننگا تھا۔ بوکھلاہٹ میں اس نے الٹا پاجامہ پہن لیا، مگر اس کو احساس نہ ہوا۔ کرتا پہن کر اس نے جیبیں ٹٹولیں۔ نوٹ سب کے سب موجود تھے۔ اس نے سوڈا کھولا اور ایک پیگ بنا کر پیا۔ پھر اس نے تارہ کو ہولے سے جھنجھوڑا۔

’’اٹھو!‘‘

تارہ آنکھیں ملتی اٹھی۔ جمیل نے اس سے کہا

’’کپڑے پہن لو!‘‘

تارہ نے کپڑے پہن لیے۔ باہر گہری شام رات بننے کی تیاریاں کررہی تھی۔ جمیل نے سوچا، اب کُوچ کرنا چاہیے۔ لیکن وہ تارہ سے کچھ پوچھنا چاہتا تھا، کیوں کہ بہت سی باتیں اس کے ذہن سے نکل گئیں تھیں۔

’’کیوں تارہ جب ہم لیٹے۔ میرا مطلب ہے جب میں نے تم سے کپڑے اتارنے کو کہا تو اس کے بعد کیا ہوا؟‘‘

تارہ نے جواب دیا۔

’’کچھ نہیں۔ آپ نے اپنے کپڑے اتارے اور میرے بازو پر ہاتھ پھیرتے پھیرتے سو گئے۔ ‘‘

’’بس؟‘‘

’’ہاں۔ لیکن سونے سے پہلے آپ دو تین مرتبہ بڑبڑائے اور کہا۔

’’میں گنہگار ہوں۔ میں گنہگار ہوں۔ ‘‘

یہ کہہ کر تارہ اٹھی اور اپنے بال سنوارنے لگی۔ جمیل بھی اٹھا۔ گناہ کا احساس دبانے کے لیے اس نے ڈبل پیگ اپنے حلق میں جلدی جلدی انڈیلا۔ بوتل کو کاغذ میں لپیٹا اور دروازے کی طرف بڑھا۔ تارہ نے پوچھا۔

’’چلے؟‘‘

’’ہاں، پھر کبھی آؤں گا۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ لوہے کی پیچ دار سیڑھیوں سے نیچے اتر گیا۔ بڑے بازار کی طرف اس کے قدم اٹھنے ہی والے تھے کہ ہارن بجا اس نے مڑ کر دیکھا تو ایک ٹیکسی کھڑی تھی۔ اس نے کہا چلو، اچھا ہوا، یہیں مل گئی۔ پیدل چلنے کی زحمت سے بچ گئے۔ اس نے ڈرائیور سے پوچھا۔

’’کیوں بھائی خالی ہے؟‘‘

ڈرائیور نے جواب دیا۔

’’خالی ہے کا کیا مطلب۔ لگی ہوئی ہے!‘‘

’’تو پھر۔ ‘‘

یہ کہہ کر جمیل مڑا، لیکن ڈرائیور نے اس کو پکارا۔

’’کدھر جاتا ہے سیٹھ؟‘‘

جمیل نے جواب دیا۔

’’کوئی اور ٹیکسی دیکھتا ہوں۔ ‘‘

ڈرائیور باہر نکل آیا۔

’’مستک تو نہیں پھرے لا۔ یہ ٹیکسی تمہیں نے تو لے رکھی یہ!‘‘

جمیل بوکھلا گیا۔

’’میں نے؟‘‘

ڈرائیور نے بڑے گنوار لہجے میں اس سے کہا۔

’’ہاں تو نے۔ سالا دارو پی کرسب کچھ بھول گیا۔ ‘‘

اس پر تُو تُو میں میں شروع ہوئی۔ ادھر ادھر سے لوگ اکٹھے ہو گئے۔ جمیل نے ٹیکسی کا دروازہ کھولا اور اندر بیٹھ گیا۔

’’چلو!‘‘

ڈرائیور نے ٹیکسی چلائی۔

’’کدھر؟‘‘

جمیل نے کہا۔

’’پولیس اسٹیشن!‘‘

ڈرائیور نے اس پر جانے کیا واہی تباہی بکی۔ جمیل سوچ میں پڑ گیا۔ جو ٹیکسی اس نے لی تھی، اس کا بل جو اڑتیس روپے تھا، اس نے ادا کردیا تھا۔ اب یہ نئی ٹیکسی کہاں سے آن ٹپکی۔ گو وہ نشے کی حالت میں تھا مگر وہ یقینی طور پر کہہ سکتا تھا کہ یہ وہ ٹیکسی نہیں تھی، اور نہ یہ ڈرائیور وہ ڈرائیور جو اسے یہاں لایا تھا۔ پولیس اسٹیشن پہنچے۔ جمیل کے قدم بہت بری طرح لڑکھڑا رہے تھے۔ سب انسپکٹر جو اس وقت ڈیوٹی پر تھا، فوراً بھانپ گیا کہ معاملہ کیا ہے۔ اس نے جمیل کو کرسی پر بیٹھنے کے لیے کہا۔ ڈرائیور نے اپنی داستان شروع کردی جو سرتاپا غلط تھی۔ جمیل یقیناً اس کی تردید کرتا مگر اس میں زیادہ بولنے کی ہمت نہیں تھی۔ سب انسپکٹر سے مخاطب ہو کر اس نے کہا۔

’’جناب! میری سمجھ میں نہیں آتا۔ یہ کیا قصہ ہے، جو ٹیکسی میں نے لی تھی، اس کا کرایہ میں نے اڑتیس روپے ادا کردیا تھا۔ اب معلوم نہیں کہ یہ کون ہے اور مجھ سے کیسا کرایہ مانگتا ہے؟‘‘

ڈرائیور نے کہا۔

’’حضور انسپکٹر بہادر! یہ دارو پئے ہے۔ ‘‘

اور ثبوت کے طور پر اس نے جمیل کی برانڈی کی بوتل میز پر رکھ دی۔ جمیل جھنجھلا گیا۔

’’ارے بھئی! کون سؤر کہتا ہے کہ اس نے نہیں پی۔ سوال تو یہ ہے کہ آپ کہاں سے تشریف لے آئے۔ ‘‘

سب انسپکٹر شریف آدمی تھا۔ کرایہ ڈرائیور کے حساب سے بیالیس روپے بنتا تھا۔ اس نے پندرہ روپے میں فیصلہ کردیا۔ ڈرائیور بہت چیخا چلایا مگر سب انسپکٹر نے اس کو ڈانٹ ڈپٹ کر تھانے سے نکلوا دیا۔ پھر اس نے ایک سپاہی سے کہا کہ وہ دوسری ٹیکسی لائے۔ ٹیکسی آئی تو اس نے ایک سپاہی جمیل کے ساتھ کردیا کہ وہ اسے گھر چھوڑ آئے۔ جمیل نے لکنت بھرے لہجے میں اس کا بہت بہت شکریہ ادا کیا اور پوچھا۔

’’جناب کیا یہ گرانٹ روڈ پولیس اسٹیشن ہے؟‘‘

سب انسپکٹر نے زور کا قہقہہ لگایا اور پیٹ پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔

’’مسٹر! اب ثابت ہو گیا کہ تم نے خوب پی رکھی ہے۔ یہ کولابہ پولیس اسٹیشن ہے۔ جاؤ، اب گھر جا کر سو جاؤ۔ ‘‘

جمیل گھر جا کے کھانا کھائے اور کپڑے اتارے بغیر سو گیا۔ برانڈی کی بوتل بھی اس کے ساتھ سوتی رہی۔ دوسرے روز وہ دس بجے کے قریب اٹھا۔ جوڑ جوڑ میں درد تھا۔ سر میں جیسے بڑے بڑے و زنی پتھر تھے۔ منہ کا ذائقہ خراب۔ اس نے اٹھ کر دو تین گلاس فروٹ سالٹ کے پیے، چار پنچ پیالے چائے کے۔ تب کہیں شام کو جا کر طبیعت کسی قدر بحال ہوئی اور اس نے خود کو گزشتہ واقعات کے متعلق سوچنے کے قابل محسوس کیا۔ بہت لمبی زنجیر تھی۔ ان میں سے بعض کڑیاں تو سلامت تھیں، مگر بعض غائب۔ واقعات کا تسلسل شروع سے لے کر گرین ہوٹل اور وہاں سے لے کر کولابہ تک بالکل صاف تھا۔ اس کے بعد جب نٹور کے ساتھ خاص وادی کی سیاحی شروح ہوئی تھی، معاملہ گڈمڈ ہو جاتا تھا۔ چند جھلکیاں دکھائی دیتی تھیں۔ بڑی واضح، مگر فوراً مبہم پرچھائیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا تھا۔ وہ کیسے اس لڑکی کے گھر پہنچا۔ اس کا نام جمیل کے حافظے سے پھسل کر جانے کس کھڈ میں جا گرا تھا۔ اس کی شکل و صورت اسے البتہ بڑی اچھی طرح یاد تھی۔ وہ اس کے گھر کیسے پہنچا تھا۔ یہ جاننا بہت اہم تھا۔ اگر جمیل کا حافظہ اس کی مدد کرتا تو بہت سی چیزیں صاف ہو جاتیں۔ مگر بصد کوشش وہ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا۔ اور یہ ٹیکسیوں کا کیا سلسلہ تھا۔ اس نے پہلی کوتوچھوڑ دیا تھا، مگر وہ دوسری کہاں سے ٹپک پڑی تھی؟ سوچ سوچ کے جمیل کا دماغ پاش پاش ہو گیا۔ اس نے محسوس کیا کہ جتنے وزنی پتھر تھے، سب آپس میں ٹکرا ٹکرا کر چُور چُور ہو گئے ہیں۔ رات کو اس نے برانڈی کے تین پیگ پئے، تھوڑا سا ہلکا کھانا کھایا اور گزشتہ واقعات کے متعلق سوچتاسوچتا سو گیا۔ وہ ٹکڑے جو گم ہو گئے تھے، ان کو تلاش کرنا اب جمیل کا شغل ہو گیا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ جو کچھ اس روز ہوا، من و عن اس کی آنکھوں کے سامنے آجائے اور یہ روز روز کی مغزپاشی دور ہو۔ اس کے علاوہ اس کو اس بات کا بھی بڑا قلق تھا کہ اس کا گناہ نامکمل رہ گیا۔ وہ سوچتا یہ ادھورا گناہ جائے گا کس کھاتے میں۔ وہ چاہتا تھا کہ بس ایک دفعہ اس کی بھی تکمیل ہو جائے۔ مگر تلاش بسیار کے باوجود وہ پہاڑی بنگلوں جیسا مکان جمیل کی آنکھوں سے اوجھل رہا۔ جب وہ تھک ہار گیا تو اس نے ایک دن سوچا کہ یہ سب خواب ہی تو نہیں تھا! مگر خواب کیسے ہو سکتا تھا۔ خواب میں آدمی اتنے روپے تو خرچ نہیں کرتا۔ اس روز اس کے کم از کم ڈھائی سو روپے خرچ ہوئے تھے۔ پیر صاحب سے اس نے نٹور کے متعلق پوچھا تو انھوں نے بتایا کہ وہ اس روز کے بعد دوسرے دن ہی سمندر پار کہیں چلا گیا ہے۔ غالباً موتیوں کے سلسلے میں۔ جمیل نے اس پر ہزار لعنتیں بھیجیں اورا پنی تلاش شروع کردی۔ اس نے جب اپنے حافظے پر بہت زور دیا تو اسے بنگلے کی دیوار کے ساتھ پیتل کی ایک پلیٹ نظر آئی۔ اس پرکچھ لکھا تھا۔ غالباً۔ ڈاکٹر۔ ڈاکٹر بیرام جی۔ آگے جانے کیا۔ ایک دن کولابہ کی گلیوں میں چلتے چلتے آخر وہ ایک ایسی گلی میں پہنچا جو اس کو جانی پہچانی معلوم ہوئی۔ دو رویہ اسی قسم کی بنگلہ نما عمارتیں تھیں۔ ہر عمارت کے باہر چھوٹے چھوٹے پیتل کے بورڈ لگے تھے۔ کسی پر چار کسی پر پانچ۔ کسی پر تین۔ وہ ادھر ادھر غور سے دیکھتا چلا جارہا تھا، مگر اس کے دماغ میں وہ خط گھوم رہا تھا جو صبح اس کی ساس کی طرف سے موصول ہوا تھا کہ اب انتظار کی حد ہو گئی ہے۔ میں نے تاریخ مقرر کردی ہے، آؤ اور اپنی دلہن کو لے جاؤ۔ اور وہ ادھر ایک نامکمل گناہ کومکمل بنانے کی کوشش میں مارا مارا پھر رہا تھا۔ جمیل نے کہا۔

’’ہٹاؤ جی اس وقت۔ پھرنے دو مارا مارا۔ ایک دم اس نے اپنا داہنے ہاتھ پیتل کا ایک چھوٹا سا بورڈ دیکھا۔ اس پر لکھا تھا۔ ڈاکٹر ایم بیرام جی۔ ایم ڈی۔ جمیل کانپنے لگا۔ یہ وہی بلڈنگ۔ بالکل وہی۔ وہی رنگ، وہی بل کھاتی ہوئی آہنی سیڑھیاں۔ جمیل بے دھڑک اوپر چلا گیا۔ اس کے لیے اب ہر چیز جانی پہچانی تھی۔ کوریڈور سے نکل کر اس نے سامنے والے دروازے پر دستک دی۔ ایک لڑکے نے دروازہ کھولا۔ اسی لڑکے نے جو اس روز سوڈا اور برف لایا تھا۔ جمیل نے ہونٹوں پر مصنوعی مسکراہٹ پیدا کرتے ہوئے اس سے پوچھا۔

’’بیٹا، بائی جی ہیں؟‘‘

لڑکے نے اثبات میں سر ہلایا۔

’’جی ہاں!‘‘

’’جاؤ، ان سے کہو، صاحب ملنے آئے ہیں۔ ‘‘

جمیل کے لہجے میں بے تکلفی تھی۔ لڑکا دروازہ بھیڑ کر اندر چلا گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد دروازہ کھلا اور تارہ نمودار ہوئی۔ اس کو دیکھتے ہی جمیل نے پہچان لیا کہ وہ لڑکی ہے، مگر اب اس کی ناک پر پھنسی نہیں تھی۔

’’نمستے!‘‘

’’نمستے! کہیے مزاج کیسے ہیں؟‘‘

یہ کہہ کر اس نے اپنے کٹے ہوئے بالوں کو ایک خفیف سا جھٹکا دیا۔ جمیل نے جواب دیا۔

’’اچھے ہیں۔ میں پچھلے دنوں بہت مصروف رہا، اس لیے آ نہ سکا۔ کہو، پھر کیا ارادہ ہے؟‘‘

تارہ نے بڑی سنجیدگی سے کہا۔

’’معاف کیجیے، میری شادی ہو چکی ہے۔ ‘‘

جمیل بوکھلا گی۔

’’شادی۔ کب؟‘‘

تارہ نے اسی سنجیدگی سے جواب دیا۔

’’جی، آج صبح۔ آئیے میں آپ کو اپنے پتی سے ملاؤں۔ ‘‘

جمیل چکرا گیا اور کچھ کہے سنے بغیر کھٹا کھٹ نیچے اتر گیا۔ سامنے ٹیکسی کھڑی تھی۔ جمیل کا دل ایک لحظے کے لیے ساکت سا ہو گیا۔ تیز قدم اٹھاتا، وہ بڑے بازار کی طرف نکل گیا۔ معاً جمیل کو جاتے دیکھ کرڈرائیور نے زور سے کہا۔

’’سیٹھ صاحب ٹیکسی!‘‘

جمیل نے جھنجھلا کر کہا۔

’’نہیں کم بخت، شادی!‘‘

سعادت حسن منٹو

شاداں

خان بہادر محمد اسلم خان کے گھرمیں خوشیاں کھیلتی تھیں۔ اورصحیح معنوں میں کھیلتی تھی۔ ان کی دو لڑکیاں تھیں۔ ایک لڑکا۔ اگر بڑی لڑکی کی عمرتیرہ برس کی ہو گی تو چھوٹی کی یہی گیارہ ساڑھے گیارہ۔ اور جو لڑکا تھا گو سب سے چھوٹا مگر قد کاٹھ کے لحاظ سے وہ اپنی بڑی بہنوں کے برابر معلوم ہوتا تھا۔ تینوں کی عمر جیسا کہ ظاہر ہے اس دور سے گزررہی تھی جب کہ ہر آس پاس کی چیز کھلونا معلوم ہوتی ہے۔ حادثے بھی یوں آتے ہیں، جیسے ربڑ کے اڑتے ہوئے غبارے۔ ان سے بھی کھیلنے کو چاہتا ہے۔ خان بہادر محمد اسلم کا گھر خوشیوں کا گھر تھا۔ اس میں سب سے بڑی تین خوشیاں، اس کی اولاد تھیں۔ فریدہ، سعیدہ اور نجیب۔ یہ تینوں اسکول جاتے تھے جیسے کھیل کے میدان میں جاتے ہیں۔ ہنسی خوشی جاتے تھے۔ ہنسی خوشی واپس آتے تھے اور امتحان یوں پاس کرتے تھے جیسے کھیل میں کوئی ایک دوسرے سے بازی لے جائے۔ کبھی فریدہ فرسٹ آتی تھی، کبھی نجیب اور کبھی سعیدہ۔ خان بہادر محمد اسلم بچوں سے مطمئن، ریٹائرڈ زندگی بسر کررہے تھے انھوں نے محکمہ زراعت میں بتیس برس نوکری کی تھی۔ معمولی عہدہ سے بڑھتے بڑھتے وہ بلند ترین مقام پر پہنچ گئے۔ اس دوران میں انھوں نے بڑی محنت کی تھی، دن رات دفتری کام کیے تھے۔ اب وہ سستا رہے تھے۔ اپنے کمرے میں کتابیں لے کر پڑے رہتے اور ان کے مطالعے میں مصروف رہتے۔ فریدہ، سعیدہ اور نجیب کبھی کبھی ماں کا کوئی پیغام لے کر آتے تو وہ اس کا جواب بھجوا دیتے۔ ریٹائر ہونے کے بعد انھوں نے اپنا بستر وہیں اپنے کمرے میں لگا لیا تھا۔ دن کی طرح ان کی رات بھی یہیں گزرتی تھی۔ دنیا کے جھگڑے ٹنٹنوں سے بالکل الگ۔ کبھی کبھی ان کی بیوی جو ادھیڑ عمر کی عورت تھی ان کے پاس آجاتی اور چاہتی کہ وہ اس سے دو گھڑی باتیں کریں مگر وہ جلد ہی اسے کسی بہانے سے ٹال دیتے۔ یہ بہانہ عام طور پر فریدہ اور سعیدہ کے جہیز کے متعلق ہوتا

’’جاؤ، یہ عمر چونچلے بگھارنے کی نہیں۔ گھر میں دو جوان بیٹیاں ہیں، ان کے دان دہیج کی فکر کرو۔ سونا دن بدن مہنگا ہورہاہے۔ دس بیس تولے خرید کر کیوں نہیں رکھ لیتیں۔ وقت آئے گا تو پھر چیخو گی کہ ہائے اللہ، خالی زیوروں پر اتنا روپیہ اٹھ رہا ہے۔ ‘‘

یا پھر وہ کبھی اس سے یہ کہتے۔

’’فرخندہ خانم۔ میری جان ہم بڈھے ہو چکے ہیں۔ تمہیں اب میری فکر اور مجھے تمہاری فکر ایک بچے کی طرح کرنی چاہیے۔ میری ساری پگڑیاں لیرلیر ہو چکی ہیں مگر تمہیں اتنی توفیق نہیں ہوتی کہ ململ کے دو تھان ہی منگوالو۔ دو نہیں چار۔ تمہارے اور بچیوں کے دوپٹے بھی بن جائیں گے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ تم کیا چاہتی ہو؟۔ اور ہاں وہ میری مسواکیں ختم ہو گئی ہیں۔ ‘‘

فرخندہ، خان بہادر کے پلنگ پر بیٹھ جاتی اور بڑے پیار سے کہتی۔

’’ساری دنیا برش استعمال کرتی ہے۔ آپ ابھی تک پرانی لکیر کے فقیر بنے ہیں۔ ‘‘

خان بہادر کے لہجے میں نرمی آجاتی۔

’’نہیں فرخندہ جان۔ یہ برش اورٹوتھ پیسٹ سب واہیات چیزیں ہیں۔ ‘‘

فرخندہ کے ادھیڑ چہرے پر لکیروں کی کوڑیاں اور مولیاں سی بکھر جاتیں۔ مگر صرف ایک لحظے کے لیے خان بہادر اس کی طرف دیکھتے اور باہر صحن میں بچوں کی کھیل کود کا شور و غل سنتے ہوئے کہتے

’’فرخندہ۔ تو کل ململ کے تھان آجائیں۔ اور لٹھے کے بھی۔ ‘‘

لیکن فوراً ہی معلوم نہیں کیوں ان کے بدن پر جھرجھری سی دوڑ جاتی اور وہ فرخندہ کو منع کردیتے۔

’’نہیں نہیں، لٹھا منگوانے کی ابھی ضرورت نہیں۔ !‘‘

باہر صحن میں بچے کھیل کود میں مصروف ہوتے۔ سہ پہر کو شاداں عموماً ان کے ساتھ ہوتی۔ یہ گو نئی نئی آئی تھی۔ لیکن ان میں فوراً ہی گھل مل گئی تھی۔ سعیدہ اور فریدہ تو اس کے انتظار میں رہتی تھیں کہ وہ کب آئے اور سب مل کر

’’لکن میٹی‘‘

یا کِھدو‘‘

کھیلیں۔ شاداں کے ماں باپ عیسائی تھے۔ مگر جب سے شاداں خان بہادر کے گھر میں داخل ہوئی تھی۔ فریدہ کی ماں نے اس کا اصلی نام بدل کر شاداں رکھ دیا تھا۔ اس لیے کہ وہ بڑی ہنس مکھ لڑکی تھی اور اس کی بچیاں اس سے پیار کرنے لگی تھیں۔ شاداں صبح سویرے آتی تو فریدہ، سعیدہ اور نجیب اسکول جانے کی تیاریوں میں مصروف ہوتے۔ وہ اس سے باتیں کرنا چاہتے مگر ماں ان سے کہتی

’’بچوجلدی کرو۔ اسکول کا وقت ہورہا ہے۔ ‘‘

اور بچے جلدی جلدی تیاری سے فارغ ہو کر شاداں کو سلام کہتے ہوئے اسکول چلے جاتے۔ سہ پہر کے قریب شاداں جلدی جلدی محلے کے دوسرے کاموں سے فارغ ہو کرآجاتی اور فریدہ، سعیدہ اور نجیب کھیل میں مشغول ہو جاتے اور اتنا شور مچتا کہ بعض اوقات خان بہادر کو اپنے کمرے سے نوکر کے ذریعے سے کہلوانا پڑتا کہ شور ذرا کم کیا جائے۔ یہ حکم سن کر شاداں سہم کر الگ ہو جاتی، مگر سعیدہ اور فریدہ اس سے کہتیں

’’کوئی بات نہیں شاداں۔ ہم اس سے بھی زیادہ شور مچائیں تو وہ اب کچھ نہیں کہیں گے۔ ایک سے زیادہ بار وہ کوئی بات نہیں کہا کرتے۔ ‘‘

اور کھیل پھر شروع ہو جاتا۔ کبھی لکن میٹی، کبھی کِھدو اور کبھی لوڈو۔ لوڈو، شاداں کو بہت پسند تھی، اس لیے کہ یہ کھیل اس کے لیے نیا تھا۔ چنانچہ جب سے نجیب لوڈو لایا تھا، شاداں اسی کھیل پر مصر ہوتی۔ مگر فریدہ، سعیدہ اور نجیب تینوں کو یہ پسند نہیں تھا۔ اس لیے کہ اس میں کوئی ہنگامہ برپا نہیں ہوتا۔ بس وہ جو

’’چٹو‘‘

سا ہوتا ہے، اس میں پانسہ ہلاتے اور پھینکتے رہو اور اپنی گوٹیں آگے پیچھے کرتے رہو۔ شاداں کھلی کھلی رنگت کی درمیانے قد کی لڑکی تھی۔ اس کی عمر فریدہ جتنی ہو گی مگر اس میں جوانی زیادہ نمایاں تھی۔ جیسے خود جوانی نے اپنی شوخیوں پر لال پنسل کے نشان لگا دیے ہیں۔ محض شرارت کے لیے۔ ورنہ فریدہ اور سعیدہ میں وہ تمام رنگ، وہ تمام لکیریں، وہ تمام قوسیں موجود تھیں جو اس عمر کی لڑکیوں میں ہوتی ہیں۔ لیکن فریدہ، سعیدہ اور شاداں جب پاس کھڑی ہوتیں تو شاداں کی جوانی زیر لب کچھ گنگناتی معلوم ہوتی۔ کھلی کھلی رنگت۔ پریشان بال اور دھڑکتا ہوا دوپٹہ جو کس کر اس نے اپنے سینے اور کمرکے اردگرد باندھا ہوتا۔ ایسی ناک، جس کے نتھنے گویا ہوا میں انجانی خوشبو میں ڈھونڈنے کے لیے کانپ رہے ہیں۔ کان ایسے جو ذرا سی آہٹ پر چونک کر سننے کے لیے تیار ہوں۔ چہرے کے خد وخال میں کوئی خوبی نہیں تھی۔ اگر کوئی عیب گننے لگتا تو بڑی آسانی سے گن سکتا تھا، صرف اسی صورت میں اگر اس کا چہرہ اس کے جسم سے الگ کرکے رکھ دیا جاتا۔ مگر ایسا کیا جانا ناممکن تھا، اس لیے کہ اس کے چہرے اور اس کے بقایا جسم کا چولی دامن کا ساتھ تھا۔ جس طرح چولی علیحدہ کرنے پر جسم کے آثار اس میں باقی رہ جاتے ہیں، اسی طرح اس کے چہرے پر بھی رہ جاتے اور اس کو پھر اس کی سالمیت ہی میں دیکھنا پڑتا۔ شاداں بے حد پھرتیلی تھی۔ صبح آتی اور یوں منٹا مٹنی میں اپنا کام ختم کرکے یہ جا وہ جا۔ سہ پہر کو آتی۔ گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کھیل کود میں مصروف رہتی۔ جب خان بہادر کی بیوی آخری بار چلا کر کہتی۔

’’شاداں، اب خدا کے لیے کام تو کرو۔ ‘‘

تو وہ وہیں کھیل بند کرکے اپنے کام میں مشغول ہو جاتی۔ ٹوکرہ اٹھاتی اور دو دو زینے ایک جست میں طے کرتی کوٹھے پر پہنچ جاتی۔ وہاں سے فارغ ہو کر دھڑ دھڑ دھڑ نیچے اترتی اور صحن میں جھاڑو شروع کردیتی۔ اس کے ہاتھ میں پھرتی اور صفائی دونوں چیزیں تھیں۔ خان بہادر اور اس کی بیوی فرخندہ کو صفائی کا بہت خیال تھا، لیکن مجال ہے جو شاداں نے کبھی ان کو شکایت کا موقع دیا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس کے کھیل کود پر معترض نہیں ہوتے تھے۔ یوں بھی وہ اس کو پیار کی نظروں سے دیکھتے تھے۔ روشن خیال تھے، اس لیے چھوت چھات ان کے نزدیک بالکل فضول تھی۔ شروع شروع میں تو خان بہادر کی بیوی نے اتنی اجازت دی تھی کہ لکن میٹی میں اگر کوئی شاداں کو چھوئے تو لکڑی استعمال کرے اور اگر وہ چھوئے تو بھی لکڑی کا کوئی ٹکڑا استعمال کرے، لیکن کچھ دیر کے بعد یہ شرط ہٹا دی گئی اور شاداں سے کہا گیا کہ وہ آتے ہی صابن سے اپنا ہاتھ منہ دھو لیا کرے۔ جب شاداں کی ماں کمانے کے لیے آتی تھی تو خان بہادر اپنے کمرے کی کسی چیز سے اس کو چھونے نہیں دیتے تھے، مگر شاداں کو اجازت تھی کہ وہ صفائی کے وقت چیزوں کی جھاڑ پونچھ بھی کرسکتی ہے۔ صبح سب سے پہلے شاداں، خان بہادر کے کمرے کی صفائی کرتی تھی۔ وہ اخبار پڑھنے میں مشغول ہوتے۔ شاداں ہاتھ میں برش لیے آتی تو ان سے کہتی

’’خان بہادر صاحب۔ ذرا برآمدے میں چلے جائیے!‘‘

خان بہادر اخبارسے نظریں ہٹا کر اس کی طرف دیکھتے شاداں فوراً ان کے پلنگ کے نیچے سے ان کے سلیپر اٹھا کر ان کو پہنا دیتی اور وہ برآمدے میں چلے جاتے۔ جب کمرے کی صفائی اور جھاڑ پونچھ ہو جاتی تو شاداں دروازے کی دہلیز کے پاس ہی سے کمر میں ذرا سا جھانکنے کا خم پیدا کرکے خان بہادر کو پکارتی

’’آجائیے خان بہادر صاحب۔ ‘‘

خان بہادر صاحب اخبار اور سلیپر کھڑکھڑاتے اندر آجاتے۔ اور شاداں دوسرے کاموں میں مشغول ہو جاتی۔ شاداں کو کام پر لگے، دو مہینے ہو گئے تھے۔ یہ گزرے تو خان بہادر کی بیوی نے ایک دن یوں محسوس کیا کہ شاداں میں کچھ تبدیلی آگئی ہے۔ اس نے سرسری غور کیا تو یہی بات ذہن میں آئی کہ محلے کے کسی نوجوان سے آنکھ لڑ گئی ہو گی۔ اب وہ زیادہ بن ٹھن کے رہتی تھی۔ اگر وہ پہلے کوری ململ تھی۔ تو اب ایسا لگتاتھا کہ اسے کلف لگا ہوا ہے۔ مگر یہ کلف بھی کچھ ایسا تھا جو ململ کے ساتھ انگلیوں میں چنا نہیں گیا تھا۔ شادان دن بدن تبدیل ہو رہی تھی۔ پہلے وہ اترن پہنتی تھی، پر اب اس کے بدن پر نئے جوڑے نظر آتے تھے۔ بڑے اچھے فیشن کے بڑے عمدہ سلے ہوئے۔ ایک دن جب وہ سفید لٹھے کی شلوار اور پھولوں والی جارجٹ کی قمیض پہن کر آئی تو فریدہ کو باریک کپڑے کے نیچے سفید سفید گول چیزیں نظر آئیں۔ لکن میٹی ہورہی تھی۔ شاداں نے دیوار کے ساتھ منہ لگا کر زور سے اپنی آنکھیں میچی ہوئی تھیں۔ فریدہ نے اس کی قمیض کے نیچے سفید سفید گول چیزیں دیکھی تھیں۔ وہ بوکھلائی ہوئی تھی۔ جب شاداں نے پکارا

’’چھپ گئے؟‘‘

تو فریدہ نے سعیدہ کو بازو سے پکڑا اور گھسیٹ کر ایک کمرے میں لے گئی اور دھڑکتے ہوئے دل سے اس کے کان میں کہا۔

’’سعیدہ۔ تم نے دیکھا، اس نے کیا پہنا ہوا تھا؟‘‘

سعیدہ نے پوچھا۔

’’کس نے؟‘‘

فریدہ نے اس کے کان ہی میں کہا۔

’’شاداں نے؟‘‘

’’کیا پہنا ہوا تھا؟‘‘

فریدہ کی جوابی سرگوشی سعیدہ کے کان میں غڑاپ سے غوطہ لگا گئی۔ جب ابھری تو سعیدہ نے اپنے سینے پہ ہاتھ رکھا اور ایک بھنچی بھنچی حیرت کی

’’میں‘‘

اس کے لبوں سے خود کو گھسیٹتی ہوئی باہر نکلی۔ دونوں بہنیں کچھ دیر کھسر پھسر کرتی رہیں۔ اتنے میں دھماکا سا ہوا اور شاداں نے ان کو ڈھونڈ لیا۔ اس پر سعیدہ اور فریدہ کی طرف سے قاعدے کے مطابق چخم ڈھاڑ ہونا چاہیے تھی مگر وہ چپ رہیں۔ شاداں کی خوشی کی مزید چیخیں اس کے حلق میں رک گئیں۔ فریدہ اور سعیدہ کمرے کے اندھیرے کونے میں کچھ سہمی سہمی کھڑی تھیں شاداں بھی قدرے خوفزدہ ہو گئی۔ ماحول کے مطابق اس نے اپنی آواز دبا کر ان سے پوچھا۔

’’کیا بات ہے؟‘‘

فریدہ نے سعیدہ کے کان میں کچھ کہا، سعیدہ نے فریدہ کے کان میں۔ دونوں نے ایک دوسری کو کہنیوں سے ٹھوکے دیے۔ آخر فریدہ نے کانپتے ہوئے لہجے میں شاداں سے کہا۔

’’یہ تم نے۔ یہ تم نے قمیض کے نیچے کیا پہن رکھا ہے!‘‘

شاداں کے حلق سے ہنسی کے گول گول ٹکڑے نکلے۔ سعیدہ نے پوچھا۔

’’کہاں سے لی تو نے یہ؟‘‘

شاداں نے جواب دیا۔

’’بازار سے؟‘‘

فریدہ نے بڑے اشتیاق سے پوچھا۔

’’کتنے میں؟‘‘

’’دس روپے میں!‘‘

دونوں بہنیں ایک دم چلاتے چلاتے رک گئیں۔

’’اتنی مہنگی!‘‘

شاداں نے صرف اتنا کہا۔

’’کیا ہم غریب دل کو اچھی لگنے والی چیزیں نہیں خرید سکتے؟‘‘

اس بات نے فوراً ہی ساری بات ختم کردی۔ تھوڑی دیر خاموشی رہی اس کے بعد پھر کھیل شروع ہو گیا۔ کھیل جاری تھا۔ مگر کہاں جاری تھا۔ یہ خان بہادر کی بیوی کی سمجھ میں نہیں آتا تھا۔ اب تو شاداں بڑھیا قسم کا تیل بالوں میں لگاتی تھی۔ پہلے ننگے پاؤں ہوتی تھی، پر اب اس کے پیروں میں اس نے سینڈل دیکھے۔ کھیل یقیناً جاری تھا۔ مگر خان بہادر کی بیوی کی سمجھ میں یہ بات نہیں آتی تھی کہ اگر کھیل جاری ہے تو اس کی آواز شاداں کے جسم سے کیوں نہیں آتی۔ ایسے کھیل بے آواز اور بے نشان تو نہیں ہوا کرتے۔ یہ کیسا کھیل ہے جو صرف کپڑے کا گز بنا ہوا ہے۔ اس نے کچھ دیر اس معاملے کے بارے میں سوچا، لیکن پھر سوچا کہ وہ کیوں بیکار مغز پاشی کرے۔ ایسی لڑکیاں خراب ہوا ہی کرتی ہیں اور کتنی د استانیں ہیں جو ان کی خرابیوں سے وابستہ ہیں اور شہر کے گلی کوچوں میں ان ہی کی طرح رُلتی پھرتی ہیں۔ دن گزرتے رہے اور کھیل جاری رہا۔ فریدہ کی ایک سہیلی کی شادی تھی۔ اس کی ماں خان بہادر کی بیوی کی منہ بولی بہن تھی۔ اس لیے سب کی شرکت لازمی تھی۔ گھر میں صرف خان بہادر تھے سردی کا موسم تھا۔ رات کو خان بہادر کی بیوی کو معاً خیال آیا کہ اپنی گرم شال منگوالے۔ پہلے تو اس نے سوچا کہ نوکر بھیج دے مگر وہ ایسے صندوق میں پڑی تھی۔ جس میں زیورات بھی تھے، اس لیے اس نے نجیب کو ساتھ لیا اور اپنے گھر آئی۔ رات کے دس بجے چکے تھے۔ اسکا خیال تھا کہ دروازہ بند ہو گا، چنانچہ اس نے دستک دی۔ جب کسی نے نہ کھولا تو نجیب نے دروازے کو ذرا سا دھکا دیا۔ وہ کھل گیا۔ اندر داخل ہوکر اس نے صندوق سے شال نکالی اور نجیب سے کہا۔

’’جاؤ، دیکھو تمہارے ابا کیا کررہے ہیں۔ ان سے کہہ دینا کہ تم تو ابھی تھوڑی دیر کے بعد لوٹ آؤ گے، لیکن ہم سب کل صبح آئیں گے۔ جاؤ بیٹا!‘‘

صندوق میں چیزیں قرینے سے رکھ کر وہ تالا لگا رہی تھی کہ نجیب واپس آیا اور کہنے لگا۔

’’ابا جی تو اپنے کمرے میں نہیں ہیں۔ ‘‘

’’اپنے کمرے میں نہیں ہیں؟۔ اپنے کمرے میں نہیں ہیں تو کہاں ہیں؟

’’خان بہادرکی بیوی نے تالا بند کیا اور چابی اپنے بیگ میں ڈالی۔

’’تم یہاں کھڑے رہو، میں ابھی آتی ہوں!‘‘

یہ کہہ کر وہ اپنے شوہر کے کمرے میں گئی جو کہ خالی تھا مگر بتی چل رہی تھی۔ بستر پر سے چادر غائب تھی۔ فرش دھلا ہوا تھا۔ ایک عجیب قسم کی بُو کمرے میں بسی ہوئی تھی۔ خان بہادر کی بیوی چکرا گئی کہ یہ کیا معاملہ ہے۔ پلنگ کے نیچے جھک کر دیکھا، مگر وہاں کوئی بھی نہیں تھا۔ لیکن ایک چیز تھی۔ اس نے رینگ کر اسے پکڑا اور باہر نکل کر دیکھا۔ خان بہادر کی موٹی مسواک تھی۔ اتنے میں آہٹ ہوئی۔ خان بہادر کی بیوی نے مسواک چھپالی۔ خان بہادر اندر داخل ہوئے اور ان کے ساتھ ہی مٹی کے تیل کی بو۔ ان کا رنگ زرد تھا جیسے سارا لہو نچڑ چکا ہے۔ کانپتی ہوئی آواز میں خان بہادر نے اپنی بیوی سے پوچھا۔

’’تم یہاں کیا کررہی ہو؟‘‘

’’کچھ نہیں۔ شال لینے آئی تھی۔ میں نے سوچا، آپ کو دیکھتی چلوں۔ ‘‘

’’جاؤ!‘‘

خان بہادر کی بیوی چلی گئی۔ چند قدم صحن میں چلی ہو گی کہ اسے دروازہ بند کرنے کی آواز آئی۔ وہ بہت دیر تک اپنے کمرے میں بیٹھی رہی پھر نجیب کو لے کر چلی گئی۔ دوسرے روز فریدہ کی سہیلی کے گھر خان بہادر کی بیوی کو یہ خبر ملی کہ خان بہادر گرفتار ہو گئے ہیں۔ جب اس نے پتا لیا تو معلوم ہوا کہ جرم بہت سنگین ہے۔ شاداں جب گھر پہنچی تو لہولہان تھی۔ وہاں پہنچتے ہی وہ بے ہوش ہو گئی۔ اس کے ماں باپ اسے ہسپتال لے گئے۔ پولیس ساتھ تھی۔ شاداں کو وہاں ایک لحظے کے لیے ہوش آیا اور اس نے صرف

’’خان بہادر‘‘

کہا۔ اس کے بعد وہ ایسی بے ہوش ہوئی کہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سو گئی۔ جرم بہت سنگین تھا۔ تفتیش ہوئی۔ مقدمہ چلا۔ استغاثے کے پاس کوئی عینی شہادت موجود نہیں تھی۔ ایک صرف شاداں کے لہو میں لتھرے ہوئے کپڑے تھے اور وہ دو لفظ جو اس نے مرنے سے پہلے اپنے منہ سے ادا کیے تھے۔ لیکن اس کے باوجود اسغاثے کو پختہ یقین تھا کہ مجرم خان بہادر ہے، کیونکہ ایک گواہ ایسا تھا جس نے شاداں کو شام کے وقت خان بہادر کے گھر کی طرف جاتے دیکھا تھا۔ صفائی کے گواہ صرف دو تھے۔ خان بہادر کی بیوی اور ایک ڈاکٹر۔ ڈاکٹر نے کہا کہ خان بہادر اس قابل ہی نہیں کہ وہ کسی عورت سے ایسا رشتہ قائم کرسکے۔ شاداں کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وہ نابالغ تھی۔ اس کی بیوی نے اس کی تصدیق کی۔ خان بہادر محمد اسلم خان بری ہو گئے۔ مقدمے میں انھیں بہت کوفت اٹھانی پڑی۔ بری ہو کر جب گھر آئے تو ان کی زندگی کے معمول میں کوئی فرق نہ آیا۔ ایک صرف انھوں نے مسواک کا استعمال چھوڑ دیا۔

سعادت حسن منٹو

سہائے

’’یہ مت کہو کہ ایک لاکھ ہندو اور ایک لاکھ مسلمان مرے ہیں۔ یہ کہو کہ دو لاکھ انسان مرے ہیں۔ اور یہ اتنی بڑی ٹریجڈی نہیں کہ دو لاکھ انسان مرے ہیں، ٹریجڈی اصل میں یہ ہے کہ مارنے اور مرنے والے کسی بھی کھاتے میں نہیں گئے۔ ایک لاکھ ہندومار کر مسلمانوں نے یہ سمجھا ہو گا کہ ہندو مذہب مر گیا ہے، لیکن وہ زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔ اسی طرح ایک لاکھ مسلمان قتل کرکے ہندوؤں نے بغلیں بجائی ہوں گی کہ اسلام ختم ہو گیا ہے، مگر حقیقت آپ کے سامنے ہے کہ اسلام پر ایک ہلکی سی خراش بھی نہیں آئی۔ وہ لوگ بے وقوف ہیں جو سمجھتے ہیں کہ بندوقوں سے مذہب شکار کیے جاسکتے ہیں۔ مذہب، دین، ایمان، دھرم، یقین، عقیدت۔ یہ جو کچھ بھی ہے ہمارے جسم میں نہیں، روح میں ہوتا ہے۔ چھرے، چاقو اور گولی سے یہ کیسے فنا ہو سکتا ہے؟‘‘

ممتاز اس روز بہت ہی پرجوش تھا۔ ہم صرف تین تھے جو اسے جہاز پر چھوڑنے کے لیے آئے تھے۔ وہ ایک غیر متعین عرصے کے لیے ہم سے جدا ہو کر پاکستان جارہا تھا۔ پاکستان، جس کے وجود کے متعلق ہم میں سے کسی کو وہم و گمان بھی نہ تھا۔ ہم تینوں ہندو تھے۔ مغربی پنجاب میں ہمارے رشتہ داروں کو بہت مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ غالباً یہی وجہ تھی کہ ممتاز ہم سے جدا ہورہا تھا۔ جگل کو لاہور سے خط ملا کہ فسادات میں اسکا چچا مارا گیا ہے تو اس کو بہت صدمہ ہوا۔ چنانچہ اسی صدمے کے زیر اثر باتوں باتوں میں ایک دن اس نے ممتاز سے کہا۔

’’میں سوچ رہا ہوں اگر ہمارے محلے میں فساد شروع ہو جائے تو میں کیا کروں گا۔ ‘‘

ممتاز نے اس سے پوچھا۔

’’کیاکرو گے؟‘‘

جگل نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا۔

’’میں سوچ رہا ہوں۔ بہت ممکن ہے میں تمہیں مار ڈالوں۔ ‘‘

’’یہ سن کر ممتاز بالکل خاموش ہو گیا اور اس کی یہ خاموش تقریباً آٹھ روز تک قائم رہی اور اس وقت ٹوٹی جب اس نے اچانک ہمیں بتایا کہ وہ پونے چار بجے سمندری جہاز سے کراچی جارہا ہے۔ ‘‘

ہم تینوں میں سے کسی نے اس کے اس ارادے کے متعلق بات چیت نہ کی۔ جگل کو اس بات کا شدید احساس تھا کہ ممتاز کی روانگی کا باعث اس کا یہ جملہ ہے۔

’’میں سوچ رہا ہوں۔ بہت ممکن ہے، میں تمہیں مار ڈالوں‘‘

غالباً وہ اب تک یہی سوچ رہا تھا کہ وہ مشتعل ہو کر ممتاز کو مار سکتا ہے یا نہیں۔ ممتاز کو جو کہاس کا جگری دوست تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہم تینوں میں سب سے زیادہ خاموش تھا۔ لیکن عجیب بات ہے کہ ممتاز غیر معمولی طور پر باتونی ہو گیا تھا۔ خاص طور پر روانگی سے چند گھنٹے پہلے۔ صبح اٹھتے ہی اس نے پینا شروع کردی۔ اسباب وغیرہ کچھ اس انداز سے باندھا اور بندھوایا جیسے وہ کہیں سیر و تفریح کے لیے جارہا ہے۔ خود ہی بات کرتا تھا اور خود ہی ہنستا تھا۔ کوئی اور دیکھتا تو سمجھتا کہ وہ بمبئی چھوڑنے میں ناقابلِ بیان مسرت محسوس کررہا ہے، لیکن ہم تینوں اچھی طرح جانتے تھے کہ وہ صرف اپنے جذبات چھپانے کیلیے ہمیں اور اپنے آپ کو دھوکا دینے کی کوشش کررہا ہے۔ میں نے بہت چاہا کہ اس سے اس کی یک لخت روانگی کے متعلق بات کروں۔ اشارۃً میں نے جگل سے بھی کہا کہ وہ بات چھیڑے مگر ممتاز نے ہمیں کوئی موقعہ ہی نہ دیا۔ جگل تین چار پگ پی کر اور بھی زیادہ خاموش ہو گیا اور دوسرے کمرے میں لیٹ گیا۔ میں اور برج موہن اس کے ساتھ رہے۔ اسے کئی بل ادا کرنے تھے۔ ڈاکٹروں کی فیسیں دینی تھیں۔ لانڈری سے کپڑے لانے تھے۔ یہ سب کام اس نے ہنستے کھیلتے کیے، لیکن جب اس نے ناکے کے ہوٹل کے بازو والی دکان سے ایک پان لیا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ برج موہن کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر وہاں سے چلتے ہوئے اس نے ہولے سے کہا۔

’’یاد ہے برج۔ آج سے دس برس پہلے جب ہمارا حال بہت پتلا تھا، گوبند نے ہمیں ایک روپیہ ادھار دیا تھا۔ ‘‘

راستے میں ممتاز خاموش رہا۔ مگر گھر پہنچتے ہی اس نے پھر باتوں کا لامتناہی سلسلہ شروع کردیا، ایسی باتوں کا جن کا سر تھا نہ پیر، لیکن وہ کچھ ایسی پرخلوص تھیں کہ میں اور برج موہن برابر ان میں حصہ لیتے رہے۔ جب روانگی کا وقت قریب آیا تو جگل بھی شامل ہو گیا، لیکن جب ٹیکسی بندرگاہ کی طرف چلی تو سب خاموش ہو گئے۔ ممتاز کی نظریں بمبئی کے وسیع اور کشادہ بازاروں کو الوداع کہتی رہتیں۔ حتیٰ کہ ٹیکسی اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ گئی۔ بے حد بھیڑ تھی۔ ہزار ہار ریفیو جی جارہے تھے۔ خوشحال بہت کم اور بدحال بہت زیادہ۔ بے پناہ ہجوم تھا لیکن مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اکیلا ممتاز جارہا ہے۔ ہمیں چھوڑ کر ایسی جگہ جارہا ہے جو اس کی دیکھی بھالی نہیں۔ جواس کے مانوس بنانے پر بھی اجنبی رہے گی۔ لیکن یہ میرا اپنا خیال تھا۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ ممتاز کیا سوچ رہا تھا۔ جب کیبن میں سارا سامان چلا گیا تو ممتاز ہمیں عرشے پر لے گیا۔ ادھر جہاں آسمان اور سمندر آپس میں مل رہے تھے، ممتاز دیر تک دیکھتا رہا، پھر اس نے جگل کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر کہا۔ یہ محض فریبِ نظر ہے۔ آسمان اور سمندر کا آپس میں ملنا۔ لیکن یہ فریبِ نظر کس قدر دلکش ہے۔ یہ ملاپ!‘‘

جگل خاموش رہا۔ غالباً اس وقت بھی اس کے دل و دماغ میں اس کی یہ کہی ہوئی بات چٹکیاں لے رہی تھی۔ میں سوچ رہا ہوں۔ بہت ممکن ہے میں تمہیں مار ڈالوں۔ ‘‘

ممتاز نے جہاز کی بار سے برانڈی منگوائی، کیونکہ وہ صبح سے یہی پی رہا تھا۔ ہم چاروں گلاس ہاتھ میں لیے جنگلے کے ساتھ کھڑے تھے۔ ریفیو جی دھڑا دھڑ جہاز میں سوار ہورہے تھے اور قریب قریب ساکن سمندر پر آبی پرندے منڈلا رہے تھے۔ جگل نے دفعتاً ایک ہی جرعے میں اپنا گلاس ختم کیا اور نہایت ہی بھونڈے انداز میں ممتاز سے کہا۔

’’مجھے معاف کردینا ممتاز۔ میرا خیال ہے میں نے اس روز تمہیں دکھ پہنچایا تھا۔ ‘‘

ممتاز نے تھوڑے توقف کے بعد جگل سے سوال کیا۔

’’جب تم نے کہا تھا میں سوچ رہا ہوں۔ بہت ممکن ہے میں تمہیں مارڈ الوں۔ کیا اس وقت واقعی تم نے یہی سوچا تھا۔ نیک دلی سے اسی نتیجے پر پہنچے تھے۔ ‘‘

جگل نے اثبات میں سر ہلایا

’’۔ لیکن مجھے افسوس ہیچ‘‘

’’تم مجھے مار ڈ التے تو تمہیں زیادہ افسوس ہوتا۔ ‘‘

ممتاز نے بڑے فلسفیانہ انداز میں کہا۔

’’لیکن صرف اس صورت میں اگر تم نے غور کیا ہوتا کہ تم نے ممتاز کو۔ ایک مسلمان کو۔ ایک دوست کو نہیں بلکہ ایک انسان کو مارا ہے۔ وہ اگر حرامزادہ تھا تو تم نے اس کی حرامزدگی کو نہیں بلکہ خود اس کو مار ڈالا ہے۔ وہ اگر مسلمان تھا تو تم نے اس کی مسلمانی کو نہیں اس کی ہستی کو ختم کیا ہے۔ اگر اس کی لاش مسلمانوں کے ہاتھ آتی تو قبرستان میں ایک قبر کا اضافہ ہو جاتا۔ لیکن دنیا میں ایک انسان کم ہو جاتا۔ ‘‘

تھوڑی دیر خاموش رہنے اور کچھ سوچنے کے بعد اس نے پھر بولنا شر وع کیا۔

’’ہو سکتا ہے، میرے ہم مذہب مجھے شہید کہتے، لیکن خدا کی قسم اگر ممکن ہوتا تو میں قبر پھاڑ کر چلانا شروع کردیتا۔ مجھے شہادت کا یہ رتبہ قبول نہیں۔ مجھے یہ ڈگری نہیں چاہیے جس کا امتحان میں نے دیا ہی نہیں۔ لاہور میں تمہارے چچا کو ایک مسلمان نے مار ڈالا۔ تم نے یہ خبر بمبئی میں سنی اور مجھے قتل کردیا۔ بتاؤ، تم اور میں کس تمغے کے مستحق ہیں؟۔ اور لاہور میں تمہارا چچا اور اس کا قاتل کس خلت کا حقدار ہے۔ میں تو یہ کہوں گا، مرنے والے کتے کی موت مرے اور مارنے والوں نے بیکار۔ بالکل بیکار اپنے ہاتھ خون سے رنگے۔ ‘‘

باتیں کرتے کرتے ممتاز بہت جذباتی ہو گیا۔ لیکن اس زیادتی میں خلوص برابر کا تھا۔ میرے دل پر خصوصاً اس کی اس بات کا بہت اثر ہوا کہ مذہب، دین، ایمان، یقین، دھرم، عقیدت۔ یہ جو کچھ بھی ہے ہمارے جسم کے بجائے روح میں ہوتا ہے۔ جو چھرے، چاقو اور گولی سے فنا نہیں کیا جاسکتا، چنانچہ میں نے اس سے کہا

’’تم بالکل ٹھیک کہتے ہو۔ ‘‘

یہ سن کر ممتاز نے اپنے خیالات کا جائزہ لیا اور قدرے سے چبنی سے کہا۔

’’نہیں بالکل ٹھیک نہیں۔ میرا مطلب ہے کہ یہ سب ٹھیک توہے۔ لیکن شاید میں جو کچھ کہنا چاہتا ہوں، اچھی طرح ادا نہیں کرسکا۔ مذہب سے میری مراد، یہ مذہب نہیں، یہ دھرم نہیں، جس میں ہم میں سے ننانوے فی صدی مبتلا ہیں۔ میری مراد اس خاص چیز سے ہے جو ایک انسان کو دوسرے انسان کے مقابلے میں جداگانہ حیثیت بخشتی ہے۔ وہ چیز جو انسان کو حقیقت میں انسان ثابت کرتی ہے۔ لیکن یہ چیز کیا ہے؟۔ افسوس ہے کہ میں اسے ہتھیلی پر رکھ کر نہیں دکھا سکتا‘‘

یہ کہتے کہتے ایک دم اس کی آنکھوں میں چمک سی پیدا ہوئی اور اس نے جیسے خود سے پوچھنا شروع کیا

’’لیکن اس میں وہ کون سی خاص بات تھی؟۔ کٹر ہندو تھا۔ پیشہ نہایت ہی ذلیل لیکن اس کے باوجود اس کی روح کس قدر روشن تھی؟‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کس کی؟‘‘

’’ایک بھڑوے کی۔ ‘‘

ہم تینوں چونک پڑے۔ ممتاز کے لہجے میں کوئی تکلف نہیں تھا، اس لیے میں نے سنجیدگی سے پوچھا۔

’’ایک بھڑوے کی؟‘‘

ممتاز نے اثبات میں سر ہلایا۔

’’مجھے حیرت ہے کہ وہ کیسا انسان تھا اور زیادہ حیرت اس بات کی ہے کہ وہ عرفِ عام میں ایک بھڑوا تھا۔ عورتوں کا دلال۔ لیکن اس کا ضمیر بہت صاف تھا۔ ‘‘

ممتاز تھوڑی دیر کے لیے رک گیا، جیسے وہ پرانے واقعات اپنے دماغ میں تازہ کررہا ہے۔ چند لمحات کے بعد اس نے پھر بولنا شروع کیا

’’اس کا پورا نام مجھے یاد نہیں۔ کچھ سہائے تھا۔ بنارس کا رہنے والا۔ بہت ہی صفائی پسند۔ وہ جگہ جہاں وہ رہتا تھا گو بہت ہی چھوٹی تھی مگر اس نے بڑے سلیقے سے اسے مختلف خانوں میں تقسیم کررکھا تھا۔ پردے کا معقول انتظام تھا۔ چارپائیاں اور پلنگ نہیں تھے۔ لیکن گدیلے اور گاؤ تکیے موجود تھے۔ چادریں اور غلاف وغیرہ ہمیشہ اجلے رہتے تھے۔ نوکر موجود تھا مگر صفائی وہ خود اپنے ہاتھ سے کرتا تھا۔ صرف صفائی ہی نہیں، ہر کام۔ اور وہ سر سے بلا کبھی نہیں ٹالتا تھا۔ دھوکا اور فریب نہیں کرتا تھا۔ رات زیادہ گزر گئی ہے اور آس پاس سے پانی ملی شراب ملتی ہے تو وہ صاف کہہ دیتا تھا کہ صاحب اپنے پیسے ضائع نہ کیجیے۔ اگر کسی لڑکے متعلق اسے شک ہے تو وہ چھپاتا نہیں تھا۔ اور تو اور اس نے مجھے یہ بھی بتا دیا تھا کہ وہ تین برس کے عرصے میں بیس ہزار روپے کما چکا ہے۔ ہر دس میں سے ڈھائی کمیشن کے لے لے کر۔ اسے صرف دس ہزار اور بنانے تھے۔ معلوم نہیں صرف دس ہزار اور کیوں، زیادہ کیوں نہیں۔ اس نے مجھ سے کہا تھا کہ تیس ہزار روپے پورے کرکے وہ واپس بنارس چلا جائے گا اور بزازی کی دکان کھولے گا۔ میں یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ وہ صرف بزازی ہی کی دکان کھولنے کا آرزو مند کیوں تھا۔ ‘‘

میں یہاں تک سن چکا تو میرے منہ سے نکلا

’’عجیب و غریب آدمی تھا۔ ‘‘

ممتاز نے اپنی گفتگو جاری رکھی

’’۔ میرا خیال تھا کہ وہ سر تا پا بناوٹ ہے۔ ایک بہت بڑا فراڈ ہے۔ کون یقین کرسکتا ہے کہ وہ ان تمام لڑکیو ں کو جو اس کے دھندے میں شریک تھیں۔ اپنی بیٹیاں سمجھتا تھا۔ یہ بھی اس وقت میرے لیے بعید از وہم تھا کہ اس نے ہر لڑکی کے نام پر پوسٹ آفس میں سیونگ اکاؤنٹس کھول رکھا تھا اور ہر مہینے کل آمدنی وہاں جمع کراتا تھا۔ اور یہ بات تو بالکل ناقابل یقین تھی کہ وہ دس بارہ لڑکیوں کے کھانے پینے کا خرچ اپنی جیب سے ادا کرتا ہے۔ اس کی ہر بات مجھے ضرورت سے زیادہ بناوٹی معلوم ہوتی تھی۔ ایک دن میں اس کے یہاں گیا تو اس نے مجھ سے کہا، مینہ اور سکینہ دونوں چھٹی پر ہیں۔ میں ہر ہفتے ان دونوں کو چھٹی دے دیتا ہوں تاکہ باہر جا کر کسی ہوٹل میں ماس وغیرہ کھا سکیں۔ یہاں تو آپ جانتے ہیں سب ویشنو ہیں۔ میں یہ سن کر دل ہی دل میں مسکرایا کہ مجھے بنا رہا ہے۔ ایک دن اس نے مجھے بتایا کہ احمد آباد کی اس ہندو لڑکی نے جس کی شادی اس نے ایک مسلمان گاہک سے کرادی تھی، لاہور سے خط لکھا ہے کہ داتا صاحب کے دربار میں اس نے ایک منت مانی تھی جو پوری ہوئی۔ اب اس نے سہائے کے لیے منت مانی ہے کہ جلدی جلدی اس کے تیس ہزار روپے پورے ہوں اور وہ بنارس جا کر بزازی کی دکان کھول سکے۔ یہ سن کر تو میں ہنس پڑا۔ میں نے سوچا، چونکہ میں مسلمان ہوں۔ اس لیے مجھے خوش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ‘‘

میں نے ممتاز سے پوچھا۔

’’تمہارا خیال غلط تھا؟‘‘

’’بالکل۔ ۔ اس کے قول و فعل میں کوئی بعد نہیں تھا۔ ہو سکتا ہے اس میں کوئی خامی ہو، بہت ممکن ہے اس سے اپنی زندگی میں کئی لغزشیں سرزد ہوئی ہوں۔ مگر وہ ایک بہت ہی عمدہ انسان تھا۔ ‘‘

جگل نے سوال کیا۔

’’یہ تمہیں کیسے معلوم ہوا!‘‘

’’اس کی موت پر‘‘

یہ کہہ کر ممتاز کچھ عرصے کے لیے خاموش ہو گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس نے ادھر دیکھنا شروع کیا جہاں آسمان اور سمندر ایک دھندلی سی آغوش میں سمٹے ہوئے تھے۔

’’فسادات شروع ہو چکے تھے۔ میں علی الصبح اٹھ کر بھنڈی بازار سے گزر رہا تھا۔ کرفیو کے باعث بازارمیں آمدورفت بہت ہی کم تھی۔ ٹریم بھی نہیں چلی رہی تھی۔ ٹیکسی کی تلاش میں چلتے چلتے جب میں جے جے ہسپتال کے پاس پہنچا، تو فٹ پاتھ پر ایک آدمی کو میں نے بڑے سے ٹوکرے کے پاس گھٹڑی سی بنے ہوئے دیکھا۔ میں نے سوچا کوئی پاٹی والا(مزدور) سو رہا ہے۔ لیکن جب میں نے پتھر کے ٹکڑوں پر خون کے لوتھڑے دیکھے تو رک گیا۔ واردات قتل کی تھی، میں نے سوچا اپنا راستہ لوں، مگر لاش میں حرکت پیدا ہوئی۔ میں پھر رک گیاآس پاس کوئی نہ تھا۔ میں نے جھک کر اس کی طرف دیکھا۔ مجھے سہائے کا جانا پہچانا چہرہ نظر آیا، مگر خون کے دھبوں سے بھرا ہوا۔ میں اس کے پاس فٹ پاتھ پر بیٹھ گیا اور غور سے دیکھا۔ اس کی ٹول کی سفید قمیض جو ہمیشہ بے داغ ہوا کرتی تھی لہو سے لھتڑی ہوئی تھی۔ زخم شاید پسلیوں کے پاس تھا۔ اس نے ہولے ہولے کراہنا شروع کردیا تو میں نے احتیاط سے اس کا کندھا پکڑ کر ہلایا جیسے کسی سوتے کو جگایا جاتا ہے۔ ایک دو بار میں نے اس کو نامکمل نام سے بھی پکارا۔ میں اٹھ کر جانے ہی والا تھا کہ اس نے اپنی آنکھیں کھولیں۔ دیر تک وہ ان ادھ کھلی آنکھوں سے ٹکٹکی باندھے مجھے دیکھتا رہا۔ پھر ایک دم اس کے سارے بدن میں تشنج کی سی کیفیت پیدا ہوئی اور اس نے مجھے پہچان کر کہا۔

’’آپ؟۔ آپ؟‘‘

میں نے اس سے تلے اوپر بہت سی باتیں پوچھنا شروع کردی۔ وہ کیسے ادھر آیا۔ کس نے اس کو زخمی کیا۔ کب سے وہ فٹ پاتھ پر پڑا ہے۔ سامنے ہسپتال ہے، کیا میں وہاں اطلاع دوں؟

’’اس میں بولنے کی طاقت نہیں تھی۔ جب میں نے سارے سوال کر ڈالے تو کراہتے ہوئے اس نے بڑی مشکل سے یہ الفاظ کہے۔ میرے دن پورے ہو چکے تھے۔ بھگوان کو یہی منظور تھا!‘‘

بھگوان کو جانے کیا منظور تھا، لیکن مجھے یہ منظور نہیں تھا کہ میں مسلمان ہو کر، مسلمانوں کے علاقے میں ایک آدمی کو جس کے متعلق میں جانتا تھا کہ ہندو ہے، اس احساس کے ساتھ مرتے دیکھوں کہ اس مارنے والا مسلمان تھا اور آخری وقت میں اس کی موت کے سرہانے جو آدمی کھڑاتھا، وہ بھی مسلمان تھا۔ میں ڈرپوک تو نہیں، لیکن اس وقت میری حالت ڈرپوکوں سے بدتر تھی۔ ایک طرف یہ خوف دامن گیر تھا، ممکن ہے میں ہی پکڑا جاؤں، دوسری طرف یہ ڈر تھا کہ پکڑا نہ گیا تو پوچھ پچھ کے لیے دھیر لیا جاؤں گا۔ ایک بار خیال آیا، اگر میں اسے ہسپتال لے گیا تو کیا پتا ہے اپنا بدلہ لینے کی خاطر مجھے پھنسا دے۔ سوچے، مرنا تو ہے، کیوں نہ اسے ساتھ لے کر مروں۔ اسی قسم کی باتیں سوچ کر میں چلنے ہی والا تھا۔ بلکہ یوں کہئے کہ بھاگنے والا تھا کہ سہائے نے مجھے پکارا۔ میں ٹھہر گیا۔ نہ ٹھہرنے کے ارادے کے باوجود میرے قدم رک گئے۔ میں نے اس کی طرف اس انداز سے دیکھا، گویا اس سے کہہ رہا ہوں، جلدی کرو میاں مجھے جانا ہے۔ اس نے درد کی تکلیف سے دوہرا ہوتے ہوئے بڑی مشکلوں سے اپنی قمیض کے بٹن کھولے اور اندر ہاتھ ڈالا، مگر جب کچھ اور کرنے کی اس میں ہمت نہ رہی تو مجھ سے کہا

’’۔ نیچے بنڈی ہے۔ ادھر کی جیب میں کچھ زیور اور بارہ سو روپے ہیں۔ یہ۔ یہ سلطانہ کا مال ہے۔ میں نے۔ میں نے ایک دوست کے پاس رکھا ہوا تھا۔ آج اسے۔ آج اسے بھیجنے والا تھا۔ کیونکہ۔ کیونکہ آپ جانتے ہیں خطرہ بہت بڑھ گیا ہے۔ آپ اسے دے دیجیے گا اور۔ کہئے گا فوراً چلی جائے۔ لیک۔ اپنا خیال رکھیے گا!‘‘

ممتاز خاموش ہو گیا، لیکن مجھے ایسا محسوس ہوا کہ اس کی آواز، سہائے کی آواز میں جو جے جے ہسپتال کے فٹ پاتھ پر ابھری تھی، دور، اُدھر جہاں آسمان اور سمندر ایک دھندلی سی آغوش میں مدغم تھے، حل ہورہی ہے۔ جہاز نے وسل دیا تو ممتاز نے کہا۔

’’میں سلطانہ سے ملا۔ اس کو زیور اور روپیہ دیا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ ‘‘

جب ہم ممتاز سے رخصت ہو کر نیچے اترے تو وہ عرشے پر جنگلے کے ساتھ کھڑا تھا۔ اس کا داہنا ہاتھ ہِل رہا تھا۔ میں جگل سے مخاطب ہوا۔

’’کیا تمہیں ایسا معلوم نہیں ہوتا کہ ممتاز، سہائے کی روح کو بلا رہا ہے۔ ہم سفر بنانے کے لیے؟‘‘

جگل نے صرف اتنا کہا۔

’’کاش، میں سہائے کی روح ہوتا!‘‘

سعادت حسن منٹو

سڑک کے کنارے

’’یہی دن تھے۔ آسمان اس کی آنکھوں کی طرح ایسا ہی نیلا تھا جیسا کہ آج ہے۔ دھلا ہوا، نتھرا ہوا۔ اور دھوپ بھی ایسی ہی کنکنی تھی۔ سہانے خوابوں کی طرح۔ مٹی کی باس بھی ایسی ہی تھی جیسی کہ اس وقت میرے دل و دماغ میں رچ رہی ہے۔ اور میں نے اسی طرح لیٹے لیٹے اپنی پھڑپھڑاتی ہوئی روح اس کے حوالے کردی تھی۔ ‘‘

’’اسً نے مجھ سے کہا تھا۔ تم نے مجھے جو یہ لمحات عطا کیے ہیں یقین جانو۔ میری زندگی ان سے خالی تھی۔ جو خالی جگہیں تم نے آج میری ہستی میں پُر کی ہیں۔، تمہاری شکر گزار ہیں۔ تم میری زندگی میں نہ آتیں تو شاید وہ ہمیشہ ادھوری رہتی۔ میری سمجھ میں نہیں آتا۔ میں تم سے اور کیا کہوں۔ میری تکمیل ہو گئی ہے۔ ایسے مکمل طور پر کہ محسوس ہوتا ہے مجھے اب تمہاری ضرورت نہیں رہی۔ اور وہ چلا گیا۔ ہمیشہ کے لیے چلا گیا۔ ‘‘

’’میری آنکھیں روئیں۔ میرا دل رویا۔ میں نے اس کی منت سماجت کی۔ اس سے لاکھ مرتبہ پوچھا کہ میری ضرورت اب تمہیں کیوں نہیں رہی۔ جبکہ تمہاری ضرورت۔ اپنی تمام شدتوں کے ساتھ اب شروع ہوئیہے۔ ان لمحات کے بعد جنہوں نے بقول تمہارے، تمہاری ہستی کی خالی جگہیں پُر کی ہیں۔ ‘‘

اس نے کہا۔

’’تمہارے وجود کے جس جس ذرے کی میری ہستی کی تعمیر و تکمیل کو ضرورت تھی، یہ لمحات چن چن کر دیتے رہے۔ اب کہ تکمیل ہو گئی ہے تمہارا میرا رشتہ خود بخود ختم ہو گیا ہے۔ ‘‘

کس قدر ظالمانہ لفظ تھے۔ مجھے سے یہ پتھراؤ برداشت نہ کیا گیا۔ میں چیخ چیخ کر رونے لگی۔ مگر اس پر کچھ اثر نہ ہوا۔ میں نے اس سے کہا۔

’’یہ ذرے جن سے تمہاری ہستی کی تکمیل ہوئی ہے، میرے وجود کا ایک حصہ تھے۔ کیا ان کا مجھ سے کوئی رشتہ نہیں۔ کیا میرے وجود کا بقایا حصہ ان سے اپنا ناطہ توڑ سکتا ہے؟۔ تم مکمل ہو گئے ہو۔ لیکن مجھے ادھورا کرکے۔ کیا میں نے اسی لیے تمہیں اپنا معبود بنایا تھا؟‘‘

اس نے کہا۔

’’بھونرے، پھولوں اور کلیوں کا رس چوس چوس کر شہید کشید کرتے ہیں، مگر وہ اس کی تلچھٹ تک بھی ان پھولوں اور کلیوں کے ہونٹوں تک نہیں لاتے۔ خدا اپنی پرستش کراتا ہے، مگر خود بندگی نہیں کرتا۔ عدم کے ساتھ خلوت میں چند لمحات بسر کرکے اس نے وجود کی تکمیل کی۔ اب عدم کہاں ہے۔ اس کی اب وجود کو کیا ضرورت ہے۔ وہ ایک ایسی ماں تھی جو وجود کو جنم دیتے ہی زچگی کے بستر پر فنا ہو گئی تھی۔ ‘‘

عورت رو سکتی ہے۔ دلیلیں پیش نہیں کرسکتی۔ اس کی سب سے بڑی دلیل اس کی آنکھ سے ڈھلکا ہوا آنسو ہے۔ میں نے اس سے کہا۔

’’دیکھو۔ میں رو رہی ہوں۔ میری آنکھیں آنسو برسا رہی ہیں تم جارہے ہو تو جاؤ، مگر ان میں سے کچھ آنسوؤں کو تو اپنے رومال کے کفن میں لپیٹ کر ساتھ لیتے جاؤ۔ میں تو ساری عمر روتی رہوں گی۔ مجھے اتنا تو یاد رہے گا کہ چند آنسوؤں کے کفن دفن کا سامان تم نے بھی کیا تھا۔ مجھ خوش کرنے کے لیے!‘‘

اس نے کہا۔

’’میں تمہیں خوش کرچکا ہوں۔ تمہیں اس ٹھوس مسرت سے ہمکنار کرچکا ہوں۔ جس کے تم سراب ہی دیکھا کرتی تھیں۔ کیا اس کا لطف اس کا کیف، تمہاری زندگی کے بقایا لمحات کا سہارا نہیں بن سکتا۔ تم کہتی ہوکہ میری تکمیل نے تمہیں ادھورا کردیا ہے۔ لیکن یہ ادھورا پن ہی کیا تمہاری زندگی کو متحرک رکھنے کے لیے کافی نہیں۔ میں مرد ہوں۔ آج تم نے میری تکمیل کی ہے۔ کل کوئی اور کرے گا۔ میراوجود کچھ ایسے آب و گل سے بنا ہے جس کی زندگی میں ایسے کئی لمحات آئیں گے جب وہ خود کو تشنہ تکمیل سمجھے گا۔ وہ تم ایسی کئی عورتیں آئیں گی جو ان لمحات کی پیدا کی ہوئی خالی جگہیں پُر کریں گی۔ ‘‘

میں روتی رہی۔ جھنجھلاتی رہی۔ میں نے سوچا۔ یہ چند لمحات جو ابھی ابھی میری مٹھی میں تھے۔ نہیں۔ میں ان لمحات کی مٹھی میں تھی۔ میں نے کیوں خود کو ان کے حوالے کردیا۔ میں نے کیوں اپنی پھڑپھڑاتی روح ان کے منہ کھولے قفس میں ڈال دی۔ اس میں مزا تھا۔ ایک لطف تھا۔ ایک کیف تھا۔ تھا، ضرور تھا۔ اور یہ اس کے اور میرے تصادم میں تھا۔ لیکن۔ یہ کیا کہ وہ ثابت و سالم رہا۔ اورمجھ میں تریڑے پڑ گئے۔ یہ کیا، کہ وہ اب میری ضرورت محسوس نہیں کرتا۔ لیکن میں اور بھی شدت سے اس کی ضرورت محسوس کرتی ہوں۔ وہ طاقتور بن گیا ہے۔ میں نحیف ہو گئی ہوں۔ یہ کیا کہ آسمان پر دو بادل ہم آغوش ہوں۔ ایک رو رو کر برسنے لگا، دوسرا بجلی کا کوندا بن کر اس بارش سے کھیلتا، کدکڑے لگاتا بھاگ جائے۔ یہ کس کا قانون ہے؟۔ آسمانوں کا؟۔ زمینوں کا۔ یا ان کے بنانے والوں کا؟ میں سوچتی رہی اور جھنجھلاتی رہی۔ دو روحوں کا سمٹ کر ایک ہو جانا اور ایک ہو کر والہانہ وسعت اختیار کرجانا۔ کیا یہ سب شاعری ہے۔ نہیں، دو روحیں سمٹ کر ضرور اس ننھے سے نکتے پر پہنچتی ہیں جو پھیل کرکائنات بنتا ہے۔ لیکن اس کائنات میں ایک روح کیوں کبھی کبھی گھائل چھوڑ دی جاتی ہے۔ کیا اس قصور پر کہ اس نے دوسری روح کو اس ننھے سے نکتے پر پہنچنے میں مدد تھی۔ یہ کیسی کائنات ہے۔ یہی دن تھے۔ آسمان کی آنکھوں کی طرح ایسا ہی نیلا تھا جیسا کہ آج ہے۔ اور دھوپ بھی ایسی ہی کنکنی تھی۔ اور میں نے اسی طرح لیٹے لیٹے اپنی پھڑپھڑاتی ہوئی روح اس کے حوالے کردی تھی۔ وہ موجود نہیں ہے۔ بجلی کا کوندا بن کر جانے وہ کن بدلیوں کی گریہ و زاری سے کھیل رہا ہے۔ اپنی تکمیل کر کے چلا گیا۔ ایک سانپ تھا جو مجھے ڈس کر چلا گیا۔ لیکن اب اس کی چھوڑی ہوئی لکیر کیوں میرے پیٹ میں کروٹیں لے رہی ہے۔ کیا یہ میری تکمیل ہورہی ہے؟ نہیں، نہیں۔ یہ کیسی تکمیل ہو سکتی ہے۔ یہ تو تخریب ہے۔ لیکن یہ میرے جسم کی خالی جگہیں پُر ہورہی ہیں۔ یہ جو گڑھے تھے کس ملبے سے پُر کیے جارہے ہیں۔ میری رگوں میں یہ کیسی سرسراہٹیں دوڑ رہی ہیں۔ میں سمٹ کر اپنے پیٹ میں کس ننھے سے نکتے پر پہنچنے کے لیے پیچ و تاب کھا رہی ہوں۔ میری ناؤ ڈوب کر اب کن سمندروں میں ابھرنے کے لیے اٹھ رہی ہے۔ ؟ یہ میرے اندر دہتے ہوتے چولھوں پر کس مہمان کے لیے دودھ گرم کیا جارہا ہے۔ یہ میرا دل میرے خن کو دھنک دھنک کر کس کے لیے نرم و نازک رضائیاں تیار کررہا ہے۔ یہ میرا دماغ میرے حالات کے رنگ برنگ دھاگوں سے کس کے لیے ننھی منی پوشاکیں بن رہا ہے؟ میرا رنگ کس کے لیے نکھر رہا ہے۔ میرے انگ انگ اور روم روم میں پھنسی ہوئی ہچکیاں لوریوں میں کیوں تبدیل ہورہی ہیں۔ یہی دن تھے۔ آسمان اس کی آنکھوں کی طرح ایسا ہی نیلا تھا جیسا کہ آج ہے۔ لیکن یہ آسمان اپنی بلندیوں سے اتر کر کیوں میرے پیٹ میں تن گیا ہے۔ اس کی نیلی نیلی آنکھیں کیوں میری رگوں میں دوڑتی پھرتی ہیں؟ میرے سینے کی گولائیوں میں مسجدوں کے محرابوں ایسی تقدیس کیوں آرہی ہے؟ نہیں، نہیں۔ یہ تقدیس کچھ بھی نہیں۔ میں ان محرابوں کو ڈھا دوں گی۔ میں اپنے اندر تمام چولھے سرد کردوں گی جن پر بن بلائے مہمان کی خاطر داڑیاں چڑھی ہیں۔ میں اپنے خیالات کے تمام رنگ برنگ دھاگے آپس میں الجھا دوں گی۔ یہی دن تھے۔ آسمان اس کی آنکھوں کی طرح ایسا ہی نیلا تھا جیسا کہ آج ہے۔ لیکن میں وہ دن کیوں یاد کرتی ہوں جن کے سینے پر سے وہ اپنے نقش قدم بھی اٹھا کر لے گیا تھا۔ لیکن یہ۔ یہ نقش قدم کس کا ہے۔ یہ جو میرے پیٹ کی گہرائیوں میں تڑپ رہا ہے۔ ؟۔ کیایہ میرا جانا پہچانا نہیں۔ میں اسے کھرچ دوں گی۔ اسے مٹادوں گی۔ یہ رسولی ہے۔ پھوڑا ہے۔ بہت خوفناک پھوڑا۔ لیکن مجھے کیوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ پھاہا ہے۔ پھاہا ہے تو کس زخم کا؟۔ اس زخم کا جو وہ مجھے لگا کر چلا گیا تھا؟۔ نہیں نہیں۔ یہ تو ایسا لگتا ہے کسی پیدائشی زخم کے لیے ہے۔ ایسے زخم کے لیے جو میں نے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا۔ جو میری کوکھ میں جانے کب سے سورہا تھا۔ یہ کوکھ کیا؟۔ فضول سی مٹی کی ہنڈکلیا۔ بچوں کا کھلونا۔ میں اسے توڑ پھوڑ دوں گی۔ لیکن یہ کون میرے کان میں کہتا ہے۔

’’یہ دنیا ایک چوراہا ہے۔ اپنا بھانڈا کیوں اس میں پھوڑتی ہے۔ یاد رکھ تجھ پر انگلیاں اٹھیں گی۔ انگلیاں۔ ادھر کیوں نہ اٹھیں گی، جدھر وہ اپنی ہستی مکمل کرکے چلا گیا تھا۔ کیا ان انگلیوں کو وہ راستہ معلوم نہیں۔ یہ دنیا ایک چوراہا ہے۔ لیکن اس وقت تو وہ مجھے ایک دوراہے پر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ ادھر بھی ادھورا پن تھا۔ اُدھر بھی ادھورا پن۔ اِدھر بھی آنسو، اُدھر بھی آنسو۔ لیکن یہ کس کا آنسو، میرے سیپ میں موتی بن رہا ہے۔ یہ کہاں بندھے گا؟ انگلیاں اٹھیں گی۔ جب سیپ کا منہ کھلے اور موتی پھسل کر باہر چوراہے میں گر پڑے گا تو انگلیاں اٹھیں گی۔ سیپی کی طرف بھی اور موتی کی طرف بھی۔ اور یہ انگلیاں سنپولیاں بن بن کر ان دونوں کو ڈسیں گی اور اپنے زہر سے ان کو نیلا کردیں گی۔ آسمان اس کی آنکھوں کی طرح ایسا ہی نیلا تھا جیسا کہ آج ہے۔ یہ گر کیوں نہیں پڑتا۔ وہ کون سے ستون ہیں جو اس کو تھامے ہوئے ہیں۔ کیا اس دن جو زلزلہ آیا تھا وہ ان ستونوں کی بنیادیں ہلا دینے کے لیے کافی نہیں تھا۔ یہ کیوں اب تک میرے سر کے اوپر اسی طرح تنا ہوا ہے؟ میری روح پسینے میں غرق ہے۔ اس کا ہر مسام کھلا ہوا ہے۔ چاروں طرف آگ دہک رہی ہے۔ میرے اندر کٹھالی میں سونا پگھل رہا ہے۔ دھونکنیاں چل رہی ہیں۔ شعلے بھڑک رہے ہیں۔ سونا، آتش فشاں پہاڑ کے لاوے کی طرح ابل رہا ہے۔ میری رگوں میں نیلی آنکھیں دوڑ دوڑ کر ہانپ رہی ہیں۔ گھنٹیاں بج رہی ہیں۔ کوئی آرہا ہے۔ کوئی آرہا ہے۔ بند کردو۔ بند کردو کواڑ۔ کٹھالی الٹ گئی ہے۔ پگھلا ہوا سونا بہہ رہا ہے۔ گھنٹیاں بج رہی ہیں۔ وہ آرہا ہے۔ میری آنکھیں مند رہی ہیں۔ نیلا آسمان گدلا ہو کر نیچے آرہا ہے۔ یہ کس کے رونے کی آواز ہے۔ اسے چپ کراؤ۔ اس کی چیخیں میرے دل پر ہتھوڑے مار رہی ہیں۔ چپ کراؤ۔ اسے چپ کراؤ۔ اسے چپ کراؤ۔ میں گود بن رہی ہوں۔ میں کیوں گودبن رہی ہوں۔ میری بانھیں کھل رہی ہیں۔ چولھوں پر دودھ ابل رہا ہے۔ میرے سینے کی گولائیاں پیالیاں بن رہی ہیں۔ لاؤ اس گوشت کے لوتھڑے کو میرے دل کے دھنکے ہوئے خون کے نرم نرم گالوں میں لٹا دو۔ مت چھینو۔ مت چھینو اسے۔ مجھ سے جدا نہ کرو۔ خدا کے لیے مجھ سے جدا نہ کرو۔ انگلیاں۔ انگلیاں۔ اٹھنے دو انگلیاں۔ مجھے کوئی پروا نہیں۔ یہ دنیا چوراہا ہے۔ پھوٹنے دومیری زندگی کے تمام بھانڈے۔ میری زندگی تباہ ہو جائے گی؟۔ ہو جانے دو۔ مجھے میرا گوشت واپس دے دو۔ میری روح کا یہ ٹکڑا مجھ سے مت چھینو۔ تم نہیں جانتے یہ کتنا قیمتی ہے۔ یہ گوہر ہے جو مجھے ان چند لمحات نے عطا کیا ہے۔ ان چند لمحات نے جنہوں نے میرے وجود کے کئی ذرے چن چن کر کسی کی تکمیل کی تھی اور مجھے اپنا خیال میں ادھورا چھوڑ کے چلے گئے تھے۔ میری تکمیل آج ہوئی ہے۔ مان لو۔ مان لو۔ میرے پیٹ کے خلا سے پوچھو۔ میری دودھ بھری ہوئی چھاتیوں سے پوچھو۔ ان لوریوں سے پوچھو، جو میرے انگ انگ اور روم روم میں تمام ہچکیاں سلا کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ ان جھولنوں سے پوچھو جومیرے بازوؤں میں ڈالے جارہے ہیں۔ میرے چہرے کی زردیوں سے پوچھو جو گوشت کے اس لوتھڑے کے گالوں کو اپنی تمام سرخیاں چھپاتی رہی ہیں۔ ان سانسوں سے پوچھو، جو چھپے چوری اس کو اس کا حصہ پہنچاتے رہے ہیں۔ انگلیاں۔ اٹھنے دو انگلیاں۔ میں انھیں کاٹ ڈالوں گی۔ شور مچے گا۔ میں یہ انگلیاں اٹھا کر اپنے کانوں میں ٹھونس لوں گی۔ میں گونگی ہو جاؤں گی، بہری ہو جاؤں گی، اندھی ہو جاؤں گی۔ میرا گوشت، میرے اشارے سمجھ لیا کرے گا۔ میں اسے ٹٹول ٹٹول کر پہچان لیا کروں گی۔ مت چھینو۔ مت چھینو اسے۔ یہ میری کوکھ کی مانگ کا سیندھور ہے۔ یہ میری ممتا کے ماتھے کی بندیا ہے۔ میرے گناہ کا کڑوا پھل ہے؟۔ لوگ اس پرتھو تھو کریں گے؟۔ میں چاٹ لوں گی یہ سب تھوکیں۔ آنول سمجھ کر صاف کردوں گی۔ دیکھو، میں ہاتھ جوڑتی ہوں۔ تمہارے پاؤں پڑتی ہوں۔ میرے بھرے ہوئے دودھ کے برتن اوندھے نہ کرو۔ میرے دل کے دھنکے ہوئے خون کے نرم نرم گالوں میں آگ نہ لگاؤ۔ میری بانھوں کے جھولوں کی رسیاں نہ توڑو۔ میرے کانوں کو ان گیتوں سے محروم نہ کرو جو اس کے رونے میں مجھے سنائی دیتے ہیں۔ مت چھینو۔ مت چھینو۔ مجھ سے جدا نہ کرو۔ خدا کے لیے مجھے اس سے جدا نہ کرو۔ لاہور21جنوری دھوبی منڈی سے پولیس نے ایک نوزائیدہ بچی کو سردی سے ٹھٹھرتے سڑک کے کنارے پڑی ہوئی پایا اور اپنے قبضے میں لے لیا۔ کسی سنگدل نے بچی کی گردن کو مضبوطی سے کپڑے میں جکڑ رکھا تھا اور عریاں جسم کو پانی سے گیلے کپڑے میں باندھ رکھا تھا تاکہ وہ سردی سے مر جائے۔ مگر وہ زندہ تھی۔ بچی بہت خوبصورت ہے۔ آنکھیں نیلی ہیں۔ اس کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

سعادت حسن منٹو

سونے کی انگوٹھی

’’چھتے کا چھتہ ہو گیا آپ کے سر پر۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ بال نہ کٹوانا کہاں کا فیشن ہے۔ ‘‘

’’فیشن ویشن کچھ نہیں۔ تمہیں اگر بال کٹوانے پڑیں تو قدرِ عافیت معلوم ہو جائے۔ ‘‘

’’میں کیوں بال کٹواؤں‘‘

’’کیا عورتیں کٹواتی نہیں۔ ہزاروں بلکہ لاکھوں ایسی موجود ہیں جو اپنے بال کٹواتی ہیں۔ بلکہ اب تو یہ فیشن بھی چل نکلا ہے کہ عورتیں مردوں کی طرح چھوٹے چھوٹے بال رکھتی ہیں۔ ‘‘

’’لعنت ہے ان پر۔ ‘‘

’’کس کی۔ ‘‘

’’خدا کی اور کس کی۔ بال تو عورت کی زینت ہیں۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ عورتیں کیوں اپنے بال مردوں کی مانند بنوالیتی ہیں ٗ پھر پتلو نیں پہنتی ہیں۔ نہ رہے ان کا وجود دنیا کے تختے پر۔ ‘‘

’’وجود تو خیر آپ کی اس بد دعا سے ان نیک بخت عورتوں کا دنیا کے اس تختے سے کسی حالت میں بھی غائب نہیں ہو گا۔ ویسے ایک چیز سے مجھے تم سے کُلّی اتفاق ہے کہ عورت کو پتلون جسے سلیکس کہتے ہیں ٗ نہیں پہننی چاہیے۔ اور سگریٹ بھی نہ پینے چاہئیں‘‘

’’اور آپ ہیں کہ دن میں پورا ایک ڈبا پھونک ڈالتے ہیں۔ ‘‘

’’اس لیے کہ میں مرد ہوں۔ مجھے اس کی اجازت ہے‘‘

’’کس نے دی تھی یہ اجازت آپ کو۔ میں اب آئندہ سے ہر روز صرف ایک ڈبیا منگا کر دیا کروں گی۔ ‘‘

’’اور وہ جو تمہاری سہیلیاں آتی ہیں ٗ ان کو سگریٹ کہاں سے ملیں گے؟‘‘

’’وہ کب پیتی ہیں۔ ‘‘

’’اتنا سفید جھوٹ نہ بولا کرو۔ ان میں سے جب بھی کوئی آتی ہے تم میرا سگریٹ کا ڈبا اٹھا کر اندر لے جاتی ہو۔ ساتھ ہی ماچس بھی۔ آخر مجھے آواز دے کر تمہیں بلانا پڑتا ہے اور میرا ڈبا مجھے واپس ملتا ہے اس میں سے پانچ چھ سگریٹ غائب ہوتے ہیں۔ ‘‘

پانچ چھ سگریٹ۔ جھوٹ تو آپ بول رہے ہیں۔ وہ تو بیچاریاں مشکل سے ایک سگریٹ پیتی ہیں۔ ‘‘

’’ایک سگریٹ پینے میں انہیں مشکل کیا محسوس ہوتی ہے۔ ‘‘

’’میں آپ سے بحث کرنا نہیں چاہتی۔ آپ کو تو اور کوئی کام ہی نہیں ٗ سوائے بحث کرنے کے۔ ‘‘

’’ہزاروں کام ہیں۔ تم کون سے ہل چلاتی ہو۔ سارا دن پڑی سوئی رہتی ہو۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ آپ تو چوبیس گھٹنے جاگتے اور وظیفہ کرتے رہتے ہیں۔ ‘‘

’’وظیفے کی بات غلط ہے۔ البتہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں صرف رات کو چھ گھنٹے سوتا ہوں۔ ‘‘

’’اور دن کو۔ ‘‘

’’کبھی نہیں۔ بس آنکھیں بند کر کے تین چار گھنٹے لیٹا رہتا ہوں کہ اس سے آدمی کو بہت آرام ملتا ہے۔ ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔ ‘‘

’’یہ تھکن کہاں سے پیدا ہوتی ہے۔ آپ کونسی مزدوری کرتے ہیں۔ ‘‘

’’مزدوری ہی تو کرتا ہوں۔ صبح سویرے اٹھتا ہوں۔ اخبار پڑھتا ہوں۔ ایک نہیں سپر۔ پھر ناشتہ کرتا ہوں۔ نہاتا ہوں اور پھر تمہاری روز مرہ کی چخ چخ کے لیے تیار ہو جاتا ہوں۔ ‘‘

’’یہ مزدوری ہوئی۔ اور آپ یہ تو بتائیے کہ روز مرہ کی چخ چخ کا الزام کہاں تک درست ہے۔ ‘‘

’’جہاں تک اسے ہونا چاہیے۔ شروع شروع میں۔ میرا مطلب شادی کے بعد دو برس تک بڑے سکون میں زندگی گزر رہی تھی لیکن پھر ایک دم تم پر کوئی ایسا دورہ پڑا کہ تم نے ہر روز مجھ سے لڑنا جھگڑنا اپنا معمول بنا لیا۔ پتہ نہیں اس کی وجہ کیا ہے۔ ‘‘

’’وجہ ہی تو مردوں کی سمجھ سے ہمیشہ بالا تر رہتی ہے۔ آپ لوگ سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کرتے۔ ‘‘

’’مگر تم سمجھنے کی مہلت بھی دو۔ ہر روز کسی نہ کسی بات کا شوشہ چھوڑ دیتی ہو۔ بھلا آج کیا بات تھی جس پر تم نے اتنا چیخنا چلانا شروع کر دیا‘‘

’’گویا یہ کوئی بات ہی نہیں کہ آپ نے پچھلے چھ مہینوں سے بال نہیں کٹوائے ! اپنی اچکنوں کے کالر دیکھیے۔ میلے چِیکٹ ہو رہے ہیں۔ ‘‘

’’ڈرائی کلین کرا لوں۔ ‘‘

’’پہلے اپنا سر ڈرائی کلین کرایے۔ وحشت ہوتی ہے اللہ قسم آپ کے بالوں کو دیکھ کر۔ جی چاہتا ہے مٹی کا تیل ڈال کر ان کو آگ لگا دوں۔ ‘‘

’’تاکہ میرا خاتمہ ہی ہو جائے۔ لیکن مجھے تمہاری اس خواہش پر کوئی بھی اعتراض نہیں۔ لاؤ باورچی خانے سے مٹی کے تیل کی بوتل۔ آہستہ آہستہ میرے سر میں ڈالو اور ماچس کی تیلی جلا کر اس کو آگ دکھا دو۔ خس کم جہاں پاک۔ ‘‘

’’یہ کام آپ خود ہی کیجیے۔ میں نے آگ لگائی تو آپ یقیناًکہیں گے کہ تمہیں کسی کام کا سلیقہ نہیں۔ ‘‘

’’یہ تو حقیقت ہے کہ تمہیں کسی بات کا سلیقہ نہیں۔ کھانا پکانا نہیں جانتی ٗ سینا پرونا تمہیں نہیں آتا۔ گھر کی صفائی بھی تم اچھی طرح نہیں کرسکتیں ٗ بچوں کی پرورش ہے تو اس کا تو اللہ ہی حافظ ہے۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ بچوں کی پرورش تو اب تک ماشاء اللہ ٗ آپ ہی کرتے آئے ہیں ٗ میں تو بالکل ہی نکمی ہوں۔ ‘‘

’’میں اس معاملے میں کچھ اور نہیں کہنا چاہتا۔ تم خدا کے لیے اس بحث کو بند کرو‘‘

’’میں بحث کہاں کر رہی ہوں۔ آپ تو معمولی باتوں کو بحث کا نام دے دیتے ہیں‘‘

’’تمہارے نزدیک یہ معمولی باتیں ہوں گی ! تم نے میرا دماغ چاٹ لیا ہے۔ میرے سر پر ہمیشہ اتنے ہی بال رہے ہیں۔ اور تم اچھی طرح جانتی ہو کہ مجھے اتنی فرصت نصیب نہیں ہوتی کہ حجام کے پاس جاؤں۔ ‘‘

’’جی ہاں۔ آپ کو اپنی عیاشیوں سے فرصت ہی کہاں ملتی ہے۔ ‘‘

’’کن عیاشیوں سے۔ ‘‘

’’آپ کام کیا کرتے ہیں۔ کہاں ملازم ہیں۔ کیا تنخواہ پاتے ہیں۔ آپ کو تو ہر وہ کام بہت بڑی لعنت معلوم ہوتا ہے جس میں آپ کو محنت مشقت کرنی پڑے۔ ‘‘

’’میں کیا محنت مشقت نہیں کرتا۔ ابھی پچھلے دنوں اینٹیں سپلائی کرنے کا میں نے جو ٹھیکہ لیا تھا ٗ جانتی ہو میں نے دن رات ایک کر دیا تھا۔ ‘‘

’’گدھے کام کررہے تھے۔ آپ تو سوتے رہے ہوں گے۔ ‘‘

’’گدھوں کا زمانہ گیا۔ لاریاں کام کر رہی تھیں۔ اور مجھے ان کی نگرانی کرنا پڑتی تھی۔ دس کروڑ اینٹوں کا ٹھیکہ تھا۔ مجھے ساری رات جاگنا پڑتا تھا۔ ‘‘

’’میں مان ہی نہیں سکتی کہ آپ ایک رات بھی جاگ سکیں۔ ‘‘

’’اب اس کا کیا علاج ہے کہ تم نے میرے متعلق ایسی غلط رائے قائم کرلی ہے اور میں جانتا ہوں کہ تم ہزار ثبوت دینے پر بھی مجھ پر یقین نہیں کرو گی۔ ‘‘

’’میرا یقین آپ پر سے ٗ عرصہ ہوا اٹھ گیا ہے۔ آپ پرلے درجے کے جھوٹے ہیں۔ ‘‘

’’بہتان تراشی میں تمہاری ہم پلہ اور کوئی عورت نہیں ہو سکتی۔ میں نے اپنی زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولا۔ ‘‘

’’ٹھہریے۔ پرسوں آپ نے مجھ سے کہا کہ آپ کسی دوست کے ہاں گئے تھے لیکن جب شام کو آپ نے تھوڑی سی پی۔ تو چہک چہک کر مجھے بتایا کہ آپ ایک ایکٹریس سے مل کر آئے ہیں۔ ‘‘

’’وہ ایکٹریس بھی تو اپنی دوست ہے۔ دشمن تو نہیں۔ میرا مطلب ہے اپنے ایک دوست کی بیوی ہے۔ ‘‘

’’آپ کے دوستوں کی بیویاں عموماً یا تو ایکٹریس ہوتی ہیں ٗ یا طوائفیں‘‘

’’اس میں میرا کیا قصور۔ ‘‘

’’قصور تو میرا ہے۔ ‘‘

’’وہ کیسے۔ ‘‘

’’ایسے کہ میں نے آپ سے شادی کر لی۔ میں ایکٹریس ہوں نہ طوائف۔ ‘‘

’’مجھے ایکٹریسوں اور طوائفوں سے سخت نفرت ہے۔ مجھے ان سے کوئی دلچسپی نہیں۔ وہ عورتیں نہیں سلیٹیں ہیں جن پر کوئی بھی چند حروف یا لمبی چوڑی عبارت لکھ کر مِٹا سکتا ہے۔ ‘‘

’’تو اس روز آپ کیوں اس ایکٹریس کے پاس گئے۔ ‘‘

’’میرے دوست نے بلایا۔ میں چلا گیا۔ اس نے ایک ایکٹریس سے جو پہلے چار شادیاں کر چکی تھی ٗ نیا نیا بیاہ رچایا تھا مجھے اس سے متعارف کرایا گیا۔ ‘‘

’’چار شادیوں کے بعد بھی وہ خاصی جوان دکھائی دیتی تھی۔ بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ وہ عام کنواری جوان لڑکیوں کے مقابلے میں ہر لحاظ سے اچھی تھی۔ ‘‘

’’وہ ایکٹریسیں کس طرح خود کو چست اور جوان رکھتی ہیں۔ ‘‘

’’مجھے اس کے متعلق کوئی زیادہ علم نہیں۔ بس اتنا سنا ہے کہ وہ اپنے جسم اور جان کی حفاظت کرتی ہیں۔ ‘‘

’’میں نے تو سنا ہے کہ بڑی بد کردار ہوتی ہیں اول درجے کی فاحشہ۔ ‘‘

’’اللہ بہتر جانتا ہے۔ مجھے اس کے بارے میں کوئی علم نہیں۔ ‘‘

’’آپ ایسی باتوں کا جواب ہمیشہ گول کر جاتے ہیں۔ ‘‘

’’جب مجھے کسی خاص چیز کے متعلق کچھ علم ہی نہ ہو تو میں جواب کیا دوں۔ میں تمہارے مزاج کے متعلق بھی وثوق سے کچھ نہیں کہہ سکتا گھڑی میں تولہ گھڑی میں ماشہ۔ ‘‘

’’دیکھئے ! آپ میرے متعلق کچھ نہ کہا کیجیے۔ آپ ہمیشہ میری بے عزتی کرتے رہتے ہیں۔ میں یہ برداشت نہیں کر سکتی۔ ‘‘

’’میں نے تمہاری بے عزتی کب کی ہے۔ ‘‘

’’یہ بے عزتی نہیں کہ پندرہ برسوں میں آپ میرا مزاج نہیں جان سکے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ میں مخبوط الحواس ہوں۔ نیم پاگل ہوں ٗ جاہل ہوں اجڈ ہوں۔ ‘‘

’’یہ تو خیر تم نہیں۔ لیکن تمہیں سمجھنا بہت مشکل ہے۔ ابھی تک میری سمجھ میں نہیں آیا کہ تم نے میرے بالوں کی بات کس غرض سے شروع کی۔ اس لیے کہ جب بھی تم کوئی بات شروع کرتی ہو اس کے پیچھے کوئی خاص بات ضرور ہوتی ہے۔ ‘‘

’’خاص بات کیا ہو گی۔ بس آپ سے صرف یہی کہنا تھا کہ بال اتنے بڑھ گئے ہیں ٗ کٹوا دیجیے۔ حجام کی دکان یہاں سے کتنی دور ہے ٗ زیادہ سے زیادہ دو سو گز کے فاصلے پر ہو گی۔ جائیے۔ میں پانی گرم کرتی ہوں۔ ‘‘

’’جاتا ہوں۔ ذرا ایک سگریٹ پی لوں۔ ‘‘

’’سگریٹ وگریٹ آپ نہیں پئیں گے۔ لیجیے اب تک۔ ٹھہرئیے ٗ میں ڈبا دیکھ لوں۔ میرے اللہ۔ بیس سگریٹ پھونک چکے ہیں آپ۔ بیس۔ ‘‘

’’یہ تو کچھ زیادہ نہ ہوئے۔ بارہ بجنے والے ہیں۔ ‘‘

’’زیادہ باتیں مت کیجیے۔ سیدھے حجام کے پاس جائیے۔ اور یہ اپنے سر کا بوجھ اتروائیے۔ ‘‘

’’جاتا ہوں۔ کوئی اور کام ہو تو بتا دو۔ ‘‘

’’میرا کوئی کام نہیں۔ آپ اس بہانے سے مجھے ٹالنا چاہتے ہیں۔ ‘‘

’’اچھا تو میں چلا۔ ‘‘

’’ٹھہرئیے۔ ‘‘

’’ٹھہر گیا۔ فرمائیے۔ ‘‘

’’آپ کے بٹوے میں کتنے روپے ہوں گے۔ ‘‘

’’پانچ سو کے قریب۔ ‘‘

تو یوں کیجیے۔ بال کٹوانے سے پہلے انار کلی سے سونے کی ایک انگوٹھی لے آئیے۔ آج میری ایک سہیلی کی سالگرہ ہے۔ دو ڈھائی سو روپے کی ہو۔ ‘‘

’’میری تو وہیں ٗ انار کلی ہی میں حجامت ہو جائے گی۔ میں جاتا ہوں۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

سونورل

بشریٰ نے جب تیسری مرتبہ خواب آور دوا سونورل کی تین ٹکیاں کھا کر خود کشی کی کوشش کی تو میں سوچنے لگا کہ آخر یہ سلسلہ کیا ہے۔ اگر مرنا ہی ہے تو سنکھیا موجود ہے۔ افیم ہے۔ ان سُموم کے علاوہ اور بھی زہر ہیں جو بڑی آسانی سے دستیاب ہیں، ہر بار سو نورل، ہی کیوں کھائی جاتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ خواب آور دوا زیادہ مقدار میں کھائی جائے تو موت کا باعث ہوتی ہے لیکن بشریٰ کا تین مرتبہ صرف اسے ہی استعمال کرنا ضرور کوئی معنی رکھتاتھا۔ پہلے میں نے سوچا چونکہ دو مرتبہ دوا کھانے سے اس کی موت واقع نہیں ہوئی اس لیے وہ احتیاطاً اسے ہی استعمال کرتی ہے اور اسے اپنے اقدامِ خود کشی سے جو اثر پیدا کرنا ہوتا ہے، موت کے اِدھر اُدھر رہ کر کرلیتی ہے۔ لیکن میں سوچتا تھا کہ وہ اِدھر اُدھر بھی ہوسکتی تھی۔ یہ کوئی سو فیصد محفوظ طریقہ نہیں تھا۔ تیسری مرتبہ جب اس نے بتیس گولیاں کھائیں تو اُس کے تیسرے شوہر کو جو پی ڈبلیو ڈی میں سب اوور سیر ہیں، صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پتہ چلا کہ وہ فالج زدہ بھینس کی مانند بے حس و حرکت پلنگ پر پڑی تھی۔ اُس کو یہ خواب آور دوا کھائے غالباً تین چار گھنٹے ہوچکے تھے۔ سب اوور سیر صاحب سخت پریشان اور لرزاں میرے پاس آئے۔ مجھے سخت حیرت ہوئی، اس لیے کہ بشریٰ سے شادی کرنے کے بعد وہ مجھے قطعاً بھول چکے تھے۔ اس سے پہلے وہ ہر روز میرے پاس آتے اور دونوں اکٹھے بیئر یا وسکی پیا کرتے تھے۔ ان دنوں وہ مفلوک الحال تھے۔ سائیکل پر دفتر جاتے اور اسی پر گھر واپس آتے۔ مگر جب اُن کی بشریٰ سے دوستی ہوئی اور وہ اُس سے شادی کرکے اُسے اپنے گھر لائے تو نقشہ ہی بدل گیا۔ اُن کا بھی اور اُن کے گھرکا بھی۔ اب وہ بہت عمدہ سُوٹ پہنتے تھے۔ سواری کے لیے موٹر بھی آگئی۔ گھر بڑھیا سے بڑھیا فرنیچر سے آراستہ ہو گیا۔ ریس کھیلنے لگے۔ دیسی رم کے بجائے اب سکاچ وسکی کے دور ان کے یہاں چلتے تھے۔ بشریٰ بھی پینے والی تھی اس لیے دونوں بہت خوش رہتے تھے۔ سب اوورسیر قمر صاحب کی عمر پچاس برس کے لگ بھگ ہو گی۔ بشریٰ ان سے غالباً پانچ برس بڑی تھی۔ کسی زمانے میں شاید اس کی شکل و صورت قابل قبول ہو۔ مگر اس عمر میں وہ بہت بھیانک تھی۔ چہرے کی جھریوں والی گال پر شوخ میک اپ، بال کالے کیے ہوئے، بند بند ڈھیلا جیسے اوس میں پڑی ہوئی پتنگ، ڈھلکا ہوا پیٹ، انگیا کے کرینوں سے اُوپر اُٹھائی ہوئی چھاتیاں۔ آنکھوں میں سُرمے کی بد خط تحریر۔ میں نے جب بھی اس کو دیکھا وہ مجھے نسوانیت کا ایک بھدا کارٹون سا دکھائی دی۔ قمر صاحب نے جیسا کہ ظاہر ہے اس میں اس کے سوا اور کیا خوبی دیکھی ہو گی کہ وہ مالدار تھی۔ اُس کا باپ پنجاب میں ایک بہت بڑا زمیندار تھا۔ جس سے وراثت میں اس کو بہت زمینیں ملی تھیں۔ ان سے چھ سات سو روپیہ ماہوار کی مستقل آمدن ہوجاتی تھی۔ اس کے علاوہ بینک میں بھی اس کا دس، پندرہ ہزار روپیہ موجود تھا۔ اور قمر صاحب ایک معمولی سب اوور سیر تھے۔ بیوی تھی چھ بچے تھے، جن میں دو لڑکے تھے جو کالج میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اُن کے گھر میں افلاس ہی افلاس تھا۔ ویسے شوقین مزاج تھے اور شاعر بھی۔ شام کو شراب بہت ضروری سمجھتے تھے اس لیے آپ خود ہی اندازہ کرسکتے ہیں کہ ان کے بال بچوں کے لیے کیا بچتا ہو گا۔ قمر صاحب نے یوں تو ظاہر کیا تھا کہ وہ بشریٰ کو شرعی طور پر اپنے رشتہ مناکحت میں لاچکے ہیں لیکن مجھے شک تھا اور اب بھی ہے کہ یہ محض ایک ڈھونگ تھا۔ قمر صاحب بڑے ہوشیار اور چالاک آدمی ہیں۔ اپنی زندگی کے پچاس برسوں میں نا جانے وہ کتنے پاپڑ بیل چکے ہیں۔ سرد و گرم چشیدہ ہیں۔ گرگ باراں دیدہ ہیں۔ بشریٰ سے شادی کا جھنجھٹ پالنا کیسے منظور کر سکتے تھے۔ بشریٰ سے شادی کرکے قمر صاحب کے گھر میں حالت بہت حد تک سدھر چکی تھی۔ اُن کی تین بچیاں جو سارا دن آوارہ پھرتی رہتی تھیں عیسائیوں کے کسی سکول میں داخل کرادی گئی تھیں۔ ان کی پہلی بیوی کے کپڑے کے صاف ستھرے ہو گئے تھے۔ کھانا پینا بھی اب عمدہ تھا۔ میں خوش تھاکہ چلو اب ٹھیک ہے۔ دوسری شادی کی ہے، کچھ بُرا نہیں ہوا۔ بشریٰ کو ایک خاوند مل گیا ہے باسلیقہ اور ہوشیار ہے اور قمر صاحب کو ایک ایسی عورت مل گئی جو بد صورت سہی مگر مالدار تو ہے۔ مگر ان کا یہ سلسلہ زیادہ دیر تک مستحکم نہ رہا۔ کیونکہ ایک روز سننے میں آیا کہ ان کے درمیان بڑے زوروں کا جھگڑا ہوا۔ نوبت یہاں تک پہنچی کے دونوں نے سونورل کافی مقدار میں کھالی۔ کمرے میں فرش پر قمر صاحب بے ہوش پڑے تھے اور ان کی اہلیہ محترمہ پلنگ پر لاش کی مانند لیٹی تھیں۔ فوراً دونوں کو ہسپتال داخل کرایاگیا۔ جہاں سے وہ ٹھیک ٹھاک ہوکر واپس آگئے مگر ابھی پندرہ روز بمشکل گزرے ہوں گے کہ پھر دونوں نے سونورل سے شغل فرمالیا۔ معلوم نہیں وہ ہسپتال پہنچائے گئے یا گھر میں ان کا علاج ہوا بہرحال بچ گئے۔ اس کے بعد غالباً ایک برس تک ان کے یہاں ایسا کوئی حادثہ پیش نہ آیا۔ لیکن ایک روزعلی الصبح مجھے پتہ چلا کہ بشریٰ نے سونورل کی بتیس ٹکیاں کھالی ہیں۔ قمر صاحب سخت پریشان اور لرزاں تھے۔ ۔ ان کے حواس باختہ تھے۔ میں نے فوراً ہسپتال ٹیلی فون کیا اور ایمبولنس گاڑی منگوائی، بشریٰ کو وہاں پہنچایاگیا۔ ہاؤس سرجن اپنے کوارٹر میں تھے میں نے ان کو وہاں سے نکالا اور سارا ماجرا سُنا کر جلدی ہسپتال چلنے کے لیے کہا۔ ان پر میری عجلت طلب درخواست کا کوئی اثر نہ ہوا۔ بڑے بے رحم انداز میں کہنے لگے۔

’’منٹو صاحب مرنے دیجیے اس کو۔ آپ کیوں گھبرا رہے ہیں۔ ‘‘

اُن کو معلوم تھا کہ بشریٰ اس سے پیشتر دو مرتبہ زہر خوری کے سلسلے میں ہسپتال آچکی ہے۔ میں نے ان سے بشریٰ کے بارے میں کچھ نہ پوچھا اور تھوڑی دیر بعد واپس گھر چلاآیا۔ میں یہ نہیں کہتا کہ مجھے بشریٰ کا حدود اربعہ معلوم نہیں تھا اور اُس کی زندگی کے سابقہ حالات میرے علم سے باہرتھے۔ میری اس کی متعدد مرتبہ ملاقات بھی ہوچکی تھی۔ وہ مجھے بھائی سعادت کہتی تھی۔ اس کے ساتھ کئی دفعہ پینے پلانے کا اتفاق بھی ہوچکا تھا۔ اس کی ایک لڑکی پرویز تھی۔ اس کی تصویر میں نے پہلی مرتبہ اُس روز دیکھی جب وہ قمر صاحب کے گھر میں بحیثیت بیوی آئی۔ نیچے دو کمروں میں سامان وغیرہ سجایا جارہا تھا۔ میں نے دیکھا ایک قبول صورت جوان لڑکی کا فوٹو معمولی سے فریم میں مینٹل پیس پر پڑا ہے۔ جب بیئر کا دور چلا تو میں نے بشریٰ سے پوچھا کہ یہ فوٹو کس کا ہے۔ اس نے مجھے بتایا کہ اُس کی لڑکی پرویز کاہے۔ جس نے خود کشی کرلی تھی۔ میں نے جب اس کی وجہ دریافت کی تو مجھے قمر صاحب اور بشریٰ سے جو باتیں معلوم ہوئیں، ان کو اگر کہانی کے انداز میں بیان کیا جائے تو کچھ اس قسم کی ہوں گی۔ پرویز بشریٰ کی پہلوٹھی کی لڑکی تھی جو اس کے پہلے خاوند سے پیدا ہوئی۔ وہ بھی کافی دولت مند زمیندار تھا۔ وہ مرگیا۔ مجھے دوسرے ذرائع سے معلوم ہوا کہ بشریٰ کا یہ پہلا خاوند جس کا نام اللہ بخش تھا اس سے شادی کے چند برسوں بعد ہی سخت متنفر ہو گیا تھا۔ اس لیے اس کی زندگی ہی میں بشریٰ نے کسی اور شخص سے آنکھ لڑانا شروع کردی تھی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بشریٰ کو اپنے خاوند کی نفرت اور حقارت سے بچنے کے لیے علیحدگی اختیار کرنا پڑی۔ مرتے وقت اللہ بخش نے بشریٰ کو ایک کوڑی نہ دی۔ لیکن اپنی بچی پرویز کے لیے کچھ جائیداد الگ کردی۔ بشریٰ نے دوسری شادی کرلی۔ چونکہ تعلیم یافتہ اور روشن خیال تھی اس لیے پشاور کا ایک کامیاب بیرسٹر اُس کے دام میں گرفتار ہو گیا۔ اس سے اس کے یہاں دو لڑکے پیدا ہوئے۔ مگر اس دوسرے شوہر کے ساتھ بھی وہ زیادہ دیر تک جم کے نہ رہ سکی۔ چنانچہ اس سے طلاق حاصل کرلی۔ دراصل وہ آزاد زندگی بسر کرنا چاہتی تھی۔ یہ بیرسٹر ابھی تک زندہ ہے۔ دونوں لڑکے جو اب جوان ہیں اُس کے پاس ہیں۔ یہ اپنی ماں سے نہیں ملتے۔ اس لیے کہ اس کا کردار اُنھیں پسند نہیں۔ یہ تو ہے بشریٰ کی زندگی کا مختصر خاکہ۔ اس کی بیٹی پرویز کی کہانی ذرا طویل ہے اس کا بچپن زیادہ تر دیہات کی کھلی فضاؤں میں گزرا۔ بڑ ی نرم و نازک بچی تھی۔ سارا دن سرسبز کھیتوں میں کھیلتی تھی۔ اس کا ہمجولی کوئی نہ تھا۔ مزارعوں کے بچوں سے میل جول اس کے والدین کو پسند نہیں تھا۔ جب وہ کچھ بڑی ہوئی تو اُسے لاہور کے ایک ایسے سکول کے بورڈنگ ہاؤس میں داخل کرادیاگیا جہاں بڑے بڑے امیروں کے بچے پڑھتے تھے۔ ذہین تھی۔ طبعیت میں جوہر تھا۔ جب سکول سے نکل کر کالج میں داخل ہوئی تو وہ ایک خوبصورت دوشیزہ میں تبدیل ہوچکی تھی۔ جس کا مضطرب دل و دماغ ہر وقت آئیڈیل کی تلاش میں رہتا تھا۔ بہت سُریلی تھی۔ جب گاتی تو سننے والے اس کی آواز سے مسحور ہوجاتے۔ رقص بھی اُس نے سیکھا تھا۔ ناچتی تو دیکھنے والے مبہوت ہوجاتے۔ اس کے اعضا میں بلا کی لوچ تھی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب وہ ناچتی تو اُس کے اعضا کی خفیف سے خفیف حرکت بھی دیکھنے والوں سے ہم کلام ہوتی تھی۔ بہت بھولی بھالی تھی۔ اس میں وہی سادگی اور سادہ لوحی تھی جو گاؤں کے اکثر باشندوں میں ہوتی ہے۔ انگریزی سکول میں پڑھی تھی۔ کالج میں تعلیم حاصل کی تھی۔ اُس کی سہلیوں میں بڑی تیز، شریر اور کائیاں لڑکیاں موجود تھیں۔ مگر وہ ان سب سے الگ تھی۔ وہ بادلوں سے بھی اوپر اُس فضا میں رہتی تھی جو بڑی لطیف ہوتی ہے۔ اُس کو دھن دولت کی کو ئی پرواہ نہیں تھی۔ وہ ایک ایسے نوجوان کے خواب دیکھتی تھی جس کو معبود بنا کر اُس کی ساری زندگی عبادت میں گزر جائے۔ عشق و محبت کی جائے نماز پر وہ مجسم سجدہ تھی۔ اس کی ماں اسے ایبٹ آباد لے گئی تو وہاں مردوں اور عورتوں سے ملی جلی محفل منعقد ہوئی۔ پرویز کو مجبور کیا گیا کہ وہ اپنا رقص دکھائے۔ اُس نے حاضرین پر نگاہ دوڑائی۔ ایک خوش پوش پٹھان نوجوان دُور کونے میں کھڑا تھا۔ اس کی آنکھوں میں چمک اور چہرے پر دمک تھی۔ ایک لمحے کے لیے پرویز کی نظریں اُس پر رُک گئیں۔ نوجوان نے آنکھوں ہی آنکھوں میں اُسے کچھ کہا اور پرویز جو انکار کرنے والی تھی سب کچھ بھول کر بڑے دلفریب انداز میں رقص کرنے لگی۔ اس دوران میں اُس نے اپنے لچکیلے اور گداز جسم کے بھاؤ اور ہر رنگ سے اپنی رُوح کے اندر چھپی ہوئی خواہشوں کو ایک ایک کر کے باہر نکالا اور اُس پٹھان نوجوان کی محترم اور مسحور آنکھوں کے سامنے ترتیب وار سجادیا۔ اس نوجوان کا نام یوسف غلزئی تھا۔ اچھے دولت مند قبیلے کا ہونہار فرد۔ فارغ التحصیل ہوکر اب بڑھ چڑھ کے ملکی سیاست میں حصہ لے رہا تھا۔ عورت اس کے لیے عجوبہ نہیں تھی۔ لیکن پرویز نے اُسے موہ لیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ دونوں کی شادی بڑے دھوم دھڑکے سے ہوئی اور وہ میاں بیوی بن کر ابیٹ آباد میں رہنے لگے۔ پرویز بہت خوش تھی۔ اس قدر خوش کہ اس کا جی چاہتا تھا ہر وقت رقصاں رہے۔ ہر وقت اُس کے ہونٹوں سے سہانے اور سماعت نواز گیت چشموں کی طرح پھوٹتے رہیں۔ وہ یوسف تھا۔ تو پرویز اُس کی زُلیخا تھی۔ اُس کی عبادت میں دن رات مصروف رہتی تھی۔ اس نے اپنی طرف سے اس کے قدموں میں تمام نسائیت کا جوہر نکال کر ڈال دیا تھا۔ اُس سے زیادہ کوئی عورت کیا کرسکتی ہے۔ شروع شروع میں وہ بہت خوش رہی، اتنی خوش اور مسرور کہ اُسے یہ محسوس تک نہ ہوا کہ اسے ازدواجی زندگی بسر کرتے ہوئے پورے تین برس گزر چکے ہیں۔ اُس کے ایک بچی ہوئی مگر وہ اپنے یوسف کی محبت میں اس قدر مستغرق تھی کہ کبھی کبھی اُس کے وجود سے بالکل غافل ہوجاتی تھی۔ عجیب بات ہے کہ جب یہ لڑکی پیدا ہوئی تو اُس نے یہ محسوس کیا کہ اُس کے پیٹ سے بچی کے بجائے یوسف نکلا ہے۔ اس کی محبت کو جنم دیا ہے۔ اس سے آپ پرویز کی والہانہ محبت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ لیکن اس کے معبود کے قدم ثابت نہ رہے۔ وہ طبعاً عیش پرست تھا۔ وہ مصری کی مکھی کی طرح نہیں بلکہ شہد کی مکھی کی طرح باغ کی ہر کلی کا رس چوسنا چاہتا تھا۔ چنانچہ کروٹ بدل کر اور پرویز کی محبت کی زنجیریں توڑنے کے بعد وہ پھر اپنے پہلے اشغال میں مصروف ہو گیا۔ اس کے پاس دولت تھی، جوانی تھی، پُرکشش شخصیت کا مالک تھا۔ ملکی سیاسیات میں سرگرم حصہ لینے کے باعث اس کانام دن بہ دن روشن ہو رہا تھا۔ اُس کو پرویز کی والہانہ محبت یکسر جہالت پر مبنی دکھائی دی۔ وہ اُس سے اُکتا گیا۔ ہر وقت کی چوما چاٹی، منٹ منٹ کی بھینچا بھانچی اس کو سخت کھلنے لگی۔ وہ نہیں چاہتا تھا کہ پرویز اُسے مکڑی کی مانند اپنی محبت کے جالے میں بند کر دے جہاں وہ مرنڈا ہو جائے۔ اس کے بعد اُسے سفوف میں تبدیل کرکے نسوار کے طور پر استعمال کرنا شروع کردے۔ پرویز کو جب معلوم ہوا کہ یوسف سالم کا سالم اُس کا نہیں تو اُسے سخت صدمہ ہوا۔ کئی دنوں تک وہ اس کے باعث گم سم اور نڈھال رہی۔ اُس کو یوں محسوس ہوا کہ اس کے آئیڈیل کو ہتھوڑوں کی ظالم ضربوں نے چکنا چور کر کے ڈھیر کردیا ہے۔ اُس نے یوسف سے کچھ نہ کہا۔ اُس کی بے اعتنائیوں اور بے وفائیوں کا کوئی ذکر نہ کیا۔ وہ کوئی حتمی فیصلہ کرنا چاہتی تھی۔ طویل عرصے تک تنہائیوں میں رہ کر اس نے حالات پر غور کیا۔ یوسف سے چھٹکارا حاصل کرنا کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ لیکن وہ اس کی جدائی برداشت نہیں کرسکتی تھی۔ اُس کو معبود کا رتبہ عطا کرنے والی وہ خود تھی۔ خدا کو اس کا بندہ کیسے رد کرسکتا ہے۔ جب کہ وہ ایک بار صدقِ دل سے اُس کی خدائی تسلیم کرچکا ہو، اُس کے حضور ہر وقت سجدہ ریز رہاہو۔ اُس نے فیصلہ کرلیا کہ وہ یوسف کے لیے نہیں صرف اپنے اس جذبے کی خاطر، جس نے یوسف کو خدائی کا رتبہ بخشا تھا، ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اُس کے ساتھ رہے گی۔ وہ اس کے لیے بڑی سے بڑی قیمت دینے کے لیے بھی تیار تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس بے چاری نے یوسف کی آغوش کے لیے ہر اس عورت کے لیے آسانیاں پیدا کیں جو اس میں تھوڑی دیر کے لیے حرارت محسوس کرناچاہتی تھی۔ یہ بڑی بے غیرتی تھی۔ مگر اُس نے اپنے ٹوٹے پھوٹے آئیڈیل کو مکمل شکست و ریخت سے بچانے کی خاطر فرار کا یہ عجیب و غریب راستہ اختیار کیا اور ہر قسم کی بے غیر تی برداشت کی۔ وہ اُس کی چند روزہ محبوباؤں سے بڑے پیار و محبت سے پیش آتی۔ اُن کی خاطر تواضع کرتی۔ ان کی عصمت باختہ تلون مزاجیوں کو سر آنکھوں پر رکھتی اور اُن کو اور اپنے خاوند کو ایسے موقع بہم پہنچاتی کہ اُس کی موجودگی ان کے عیش و عشرت میں مخل نہ ہو پاتی۔ ان عورتوں کے لیے اپنے سینے پر پتھر رکھ کر وہ قسم قسم کے کھانے تیار کرتی، اس کا خاوند ان واہیات عورتوں کو خوش رکھنے کے لیے جب اُسے حکم دیتا کہ ناچے اور گائے تو وہ ضبط سے کام لے کر کسی بھی لمحے برس پڑنے والی مصنوعی آنکھیں خوش دکھاتی۔ زخمی دل پر بھاہے لگاتی۔ غم و غصے سے کانپتے ہوئے ہونٹوں پر مصنوعی مسکراہٹیں پیدا کرتی، مسرت و انبساط سے بھرے ہوئے گیت گاتی اور بڑے طربناک انداز میں رقص کرتی۔ اس کے بعد وہ تنہائی میں اس قدر روتی، اس قدر آہیں بھرتی کہ اُسے محسوس ہوتا کہ وہ اب نہیں جیئے گی۔ مگر ایسے طوفان کے بعد اُس میں ایک نئی قوتِ برداشت پیدا ہوجاتی تھی اور وہ یوسف کی دلالی میں اپنا منہ کالا کرناشروع کردیتی تھی اور خود کو یقین دلانے کی کوشش کرتی تھی کہ یہ کالک نہیں بڑا ہی خوش رنگ غازہ ہے۔ اس دوران میں اُس کی ماں اُس سے ملنے کے لیے کئی مرتبہ آچکی تھی۔ مگر اُس نے اپنے خاوند کے متعلق اُس سے کبھی شکایت نہیں کی تھی۔ وہ اپنے راز یا دُکھ میں کسی کو شریک نہیں کرنا چاہتی تھی۔ ان حالات میں وہ اپنے خاوند کی ذات کے ساتھ کسی اور کو کسی طریقے سے بھی وابستہ دیکھنا پسند نہیں کرتی تھی۔ وہ یہ سوچتی کہ خاوند میرا ہے۔ وہ دُکھ بھی میرا ہے۔ جو وہ مجھے پہنچا رہا ہے وہ اگر دوسری عورتوں کو بھی اسی قسم کا دُکھ پہنچائے تو مجھے حسد ہو گا۔ لیکن وہ ایسا نہیں کرتا۔ اس لیے میں خوش ہوں۔ بشریٰ ان دنوں فارغ تھی۔ یعنی اُس نے کوئی اپنا شوہر نہیں کیا ہوا تھا۔ اس کا وقت سیرو تفریح میں گزر رہا تھا۔ دس پندرہ دن ایبٹ آباد پرویز کے ساتھ رہتی۔ یوسف کے ساتھ اِدھر اُدھر گھومتی پھرتی۔ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔ وہ گھنٹوں علیحدہ کمرے میں بیٹھے تاش کھیلنے میں گزارتے اور پرویز ان کی خاطر تواضع میں مصروف رہتی۔ وہ چاہتی تھی کہ اُس کی ماں زیادہ دیر تک اس کے پاس ٹھہرے تاکہ سوسائٹی کی ان عورتوں کا جو چکلے کی رنڈیوں سے بھی بدتر ہیں، اس گھر میں داخلہ بند رہے۔ مگر وہ ایک جگہ بہت عرصے تک ٹک کر نہیں رہ سکتی تھی۔ جب وہ چلی جاتی تو دوسرے تیسرے روز یوسف بھی اپنی پرانی ڈگر اختیار کرلیتا۔ پرویز دوسرا روپ دھار لیتی اور اپنے خاوند کی نت نئی سہلیوں کے قدموں کے لیے پاانداز بن جاتی۔ اُس نے اس زندگی کو آہستہ آہستہ اپنا لیا ہے۔ اب اسے زیادہ کوفت نہیں ہوتی تھی۔ اس نے خود کو سمجھا بجھا کر راضی کرلیا تھا کہ اُسے زندگی کے ڈرامے میں یہی رول ادا کرنا تھا جو وہ کررہی تھی۔ چنانچہ اُس سے اُس کے دل و دماغ سے وہ کدورت جو پہلے پہلے بہت اذیت دہ تھی، قریب قریب دُھل گئی تھی، وہ خوش رہتی اور اپنی ننھی بچی کی طرف زیادہ توجہ دینے لگی تھی۔ ایک دن اُسے کسی ضروری کام سے اچانک لاہور جانا پڑا۔ دو دن کے بعد لوٹی تو شام کا وقت تھا۔ یوسف کا کمرہ بند تھا۔ مگر اس میں اُس کے مخمور قہقہوں کی آواز سُنائی دے رہے تھی۔ پرویز نے دروازے کی ایک درز سے جھانک کر دیکھا تو سرتا پا لرز گئی اُس کا پیازی رنگ ایک دم کاغذ کی مانند بے جان سفیدی اختیار کرگیا۔ یہ سارے واقعات مجھے معتبر ذرائع سے معلوم ہوئے۔ بشریٰ نے مجھے جو کچھ بتایا اس سے مختلف تھا اس کا بیان ہے کہ دل ہی دل میں کڑھ کڑھ کر وہ اپنی جان سے بیزار ہو گئی تھی اُس نے یوسف کی خاطر بڑی سے بڑی ذلت قبول کرنا گوارا تو کر لیاتھا، مگر اس کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ ایک رات اُس نے شراب کے نشے میں بدمست اپنی کسی چہیتی کو آغوش میں لیے پرویز سے کہاکہ ناچے اور ننگی ناچے وہ اس کے کسی حکم کو نہیں ٹالتی تھی۔ یوسف اُس کا خدا تھا، چنانچہ اُس نے اس کے حکم کی تعمیل کی۔ آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور اس کا عریاں بند رقصاں تھا۔ ناچ ختم ہوا تو اس نے خاموشی سے کپڑے پہنے اور باہر نکل کر زہر کھالیا اور مرگئی۔ معلوم نہیں حقیقت کیا تھی لیکن جو کچھ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا یہ ہے کہ جب پرویز نے یوسف کے کمرے میں جھانک کر دیکھا تو اُسی وقت فیصلہ کرلیا کہ وہ زندہ نہیں رہے گی، چنانچہ اُسی وقت وہ موٹر میں سیدھی ایک کیمسٹ کی دُکان پر گئی اور اُس نے سونورل کی پوری ڈبیہ طلب کی۔ قیمت ادا کرنے لگی تو اُسے معلوم ہوا کہ افراتفری کے عالم میں وہ اپنا پرس وہیں گھر پر بھول آئی ہے، چنانچہ اس نے کیمسٹ سے کہا کہ میں مسز یوسف غلزئی ہوں۔ پرس ساتھ نہیں لائی۔ بل بھیجوا دیجیے گا۔ یوسف صاحب ادا کردیں گے۔ گھر آ کے اُس نے خادمہ کو ڈبیہ کی ساری گولیاں دیں اور اس سے کہا اچھی طرح پیس کے لاؤ۔ یہ سفوف اُس نے گرم گرم دُودھ میں ڈالا اور پی گئی۔ تھوڑی دیر بعد نوکر آیا اور اُس نے پرویز سے کہاکہ آپ کی والدہ آئی ہیں یوسف صاحب آپ کو بلاتے ہیں۔ پرویز کی آنکھیں بالکل خشک تھیں۔ مگر ان میں غنودگی تھی۔ اس لیے کہ زہر کا اثر شروع ہو گیاتھا۔ منہ دھو کر اور بال سنوار کر وہ اندر گئی۔ اپنی ماں سے بغل گیر ہوئی اور یوسف کے ساتھ قالین پر بیٹھ گئی۔ ماں سے باتیں کرتے کرتے ایک دم پرویز کو چکر آیا اور وہ بے ہوش ہوکر ایک طرف لڑھک گئی۔ ماں نے تشویش کا اظہار کیا، اس لیے کہ اس کی بچی کا رنگ نیلا ہو رہا تھا۔ مگر یوسف نے جو نشے میں چور تھا، کسی قسم کے تردد کااظہار نہ کیا اور بشریٰ سے کہا

’’کچھ بھی نہیں ہوا اسے، بن رہی ہے۔ ‘‘

پھر اُس نے بڑے زور سے پرویز کا شانہ جھنجھوڑا اور حاکمانہ کہا

’’اُٹھ۔ ‘‘

مجھے یہ ایکٹنگ پسند نہیں۔ ‘‘

بشری نے بھی اُس کو آوازیں دیں اُس کو ہلایا جلایا۔ آخر ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ مگر وہ جب آیا تو پرویز اللہ کو پیاری ہوچکی تھی۔ پرویز کی خودکشی کے متعلق کئی قصے مشہور ہیں۔ لیکن اس کا جو پہلو مجھے معتبر ذرائع سے منکشف ہوا میری سمجھ میں آگیا تھا۔ اس لیے میں خاموش رہا اور انتظار کرتا رہا کہ اس کی تصدیق کب ہوتی ہے۔ قمر صاحب بشریٰ کو ہسپتال سے واپس لائے تو میں ان سے ملا۔ ان کے پاس اب موٹر نہیں تھی۔ میں نے اس بارے میں استفسار کیا تو انھوں نے شاعرانہ بے اعتنائی اختیار کرتے ہوئے جواب دیا

’’جس کی تھی لے گئی‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

جواب ملا۔

’’مطلب یہ کہ موٹر میری کب تھی۔ وہ تو ان محترمہ کی تھی۔ میں نے کچھ عرصہ سے اس کا استعمال ترک کردیا تھا۔ اپنی سائیکل پر دفتر جاتا اور اسی پر واپس آتا تھا۔ جب ان کو ضرورت ہوتی تو میں ڈرائیور کے فرائض ادا کرتا تھا۔ ‘‘

میں کچھ کچھ سمجھ گیا

’’کیا ناچاقی ہو گئی؟‘‘

’’ہاں کچھ ایسا ہی سمجھیے۔ میں نے ان کو طلاق دے دی ہے۔ ‘‘

بعد میں مجھے جب قمر صاحب سے مفصل گفتگو کرنے کا موقع ملا تو انھوں نے مجھے بتایا کہ نکاح وکاح کوئی نہیں ہوا تھا۔ طلاق نامہ انھوں نے صرف اس لیے لکھا کہ لوگوں میں اس بات کی تشہیر نہ ہو کہ وہ غیر شرعی طور پر ان کے ساتھ قریب قریب دو برس رہیں۔ میں زیادہ تفصیل میں جانا نہیں چاہتا۔ ان کے درمیان جو فیصلہ کن لڑائی جھگڑا ہوا اُس کی وجہ یہ تھی کہ بقول قمر صاحب، ان کی محترمہ نے حیدر آباد کے ایک ادھیڑ عمر کے مہاجر رئیس سے جسمانی رشتہ قائم کر لیا تھا اس لیے اُن کے لیے قمر صاحب کی ذات میں وہ کشش ختم ہو گئی تھی جو کسی زمانے میں اُن کو نظر آتی تھی۔ بلکہ یوں کہئے کہ جس کو دیکھ کر اُن کی آنکھیں چندھیا گئی تھیں۔ مجھے افسوس ہوا، اس لیے کہ بعد میں مجھے پتہ چلا کہ قمر صاحب نے اپنی تینوں ہونہار بچیوں کو سکول سے اُٹھا لیا ہے خود گولڈ فلیک کے بدلے بگلے کے سستے سگریٹ پیتے ہیں پہلے تفریح کے اتنے سامان مہیا تھے، پر اب شُتربے مہار کی طرح بے مطلب اِدھر اُدھر چکر لگاتے رہتے ہیں۔ محترمہ بشریٰ کے متعلق انھوں نے مجھے بہت کچھ بتایا لیکن میں یہ نہ سمجھ سکا کہ جب علیحدگی کا فیصلہ ہوچکا تھا اور حیدر آباد کے مہاجر رئیس صاحب نے بشریٰ کے ساتھ باقاعدہ راتیں گزارنا شروع کر رکھی تھیں تو اُن کو سونورل کی بتیس گولیاں کھا کر خودکشی کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی۔ بظاہر خطرناک فعل قمر صاحب کے اس اعتراض کا ردِ عمل معلوم ہوتا ہے جو ان کو بشریٰ کے چال چلن پر تھا۔ لیکن ایمان کی بات ہے کہ مجھے اس کے عقب میں ایسا کوئی دل شکن عنصر نظر نہیں آتا جو انسان کو موت کی گود میں سو جانے پر مجبور کر دے۔ اس پر قمر صاحب بھی کوئی روشنی ڈالنے سے معذور ہیں۔ ایک دن باتوں باتوں میں ان سے میں آخر پوچھ ہی بیٹھا

’’سونورل کھانے کی روایت جو بشریٰ کی بیٹی پرویز نے قائم کی آپ نے اور بشریٰ نے جاری رکھی۔ لیکن آپ یہ بتائیے کہ وہ کونسی وجہ تھی جس نے اس غریب کو اتنے خطرناک اقدام کے لیے تیار کر دیا۔ آپ کئی بار مجھے بتا چکے ہیں کہ پرویز اپنے شوہر یوسف غلزئی کی حرام کاریوں کی عادی ہو چکی تھی۔ بلکہ وہ خود اس معاملے میں اس کی معاونت کرتی تھی۔ کوئی عورت جب اس حد تک پہنچ کر داشتہ بن جائے، خرابے کی انتہا کو پہنچ کر ضمیر کی نہایت ہی خوفناک صورت اختیار کرے، خودکشی کو وہ زبوں ترین فعل سمجھے، اس کو کبھی اس کا خیال تک نہیں آسکتا۔ میرا اپنا خیال ہے، بلکہ یقین ہے کہ اس کی ماں بشریٰ نے جسے آپ محترمہ کہتے ہیں یوسف سے ایسے تعلقات پیدا کر لیے تھے جنھیں عام لوگ ناجائز کہتے ہیں‘‘

قمر صاحب نے صرف ان الفاظ میں میری تصدیق کی

’’یہ بالکل دُرست ہے۔ ایک دن شراب کے نشے میں بشریٰ نے اس کا اقرار کیا تھا اور بہت روئی تھی۔ ‘‘

اُس دن شام کو معلوم ہوا کہ حیدر آباد کے مہاجر رئیس صاحب نے سونورل کی چوبیس گولیاں کھا لی ہیں۔ بشریٰ نے حسب معمول بتیس کھائی تھیں۔ دونوں ہسپتال میں بے ہوش پڑے تھے۔ دوسرے روز رئیس صاحب اللہ کو پیارے ہو گئے۔ چوبیس ہی میں ان کا کام تمام ہو گیا مگر بشریٰ بچ گئی۔ آج کل وہ مرحوم کا سوگ منارہی ہے۔ جس شخص کے پاس اُس نے موٹر بیچی تھی وہ دن رات اُس کے پاس دل جوئی کے لیے موجود رہتا ہے۔

سعادت حسن منٹو

سوراج کے لیے

مجھے سن یاد نہیں رہا۔ لیکن وہی دن تھے۔ جب امرتسر میں ہر طرف

’’انقلاب زندہ باد‘‘

کے نعرے گونجتے تھے۔ ان نعروں میں، مجھے اچھی طرح یاد ہے، ایک عجیب قسم کا جوش تھا۔ ایک جوانی۔ ایک عجیب قسم کی جوانی۔ بالکل امرتسر کی گجریوں کی سی جو سر پر اوپلوں کے ٹوکرے اٹھائے بازاروں کو جیسے کاٹتی ہوئی چلتی ہیں۔ خوب دن تھے۔ فضا میں جو وہ جلیانوالہ باغ کے خونیں حادثے کا اداس خوف سمویا رہتا تھا۔ اس وقت بالکل مفقود تھا۔ اب اس کی جگہ ایک بے خوف تڑپ نے لے لی تھی۔ ایک اندھا دھند جَست نے جو اپنی منزل سے ناواقف تھی۔ لوگ نعرے لگاتے تھے، جلوس نکالتے تھے اور سینکڑوں کی تعداد میں دھڑادھڑ قید ہورہے تھے۔ گرفتار ہونا ایک دلچسپ شغل بن گیا تھا۔ صبح قید ہوئے۔ شام چھوڑ دیے گئے، مقدمہ چلا۔ چند مہینوں کی قید ہوئی، واپس آئے، ایک نعرہ لگایا، پھر قید ہو گئے۔ زندگی سے بھرپور دن تھے۔ ایک ننھا سا بلبلہ پھٹنے پر بھی ایک بہت بڑا بھنور بن جاتا تھا۔ کسی نے چوک میں کھڑے ہو کر تقریر کی اور کہا۔ ہڑتال ہونی چاہیے، چلیے جی ہڑتال ہو گئی۔ ایک لہر اٹھی کہ ہر شخص کو کھادی پہننی چاہیے تاکہ لنکا شائر کے سارے کارخانے بند ہو جائیں۔ بدیشی کپڑوں کا بائیکاٹ شروع ہو گیا اور ہر چوک میں الاؤ جلنے لگے، لوگ جوش میں آکر کھڑے کھڑے وہیں کپڑے اتارتے اور الاؤ میں پھینکتے جاتے، کوئی عورت اپنے مکان کے شہ نشین سے اپنی ناپسندیدہ ساڑھی اچھالتی تو ہجوم تالیاں پیٹ پیٹ کر اپنے ہاتھ لال کرلیتا۔ مجھے یاد ہے کوتوالی کے سامنے ٹاؤن ہال کے پاس ایک الاؤ جل رہا تھا۔ شیخو نے جو میرا ہم جماعت تھا جوش میں آکر اپنا ریشمی کوٹ اتارا اور بدیشی کپڑوں کی چتا میں ڈال دیا۔ تالیوں کا سمندر بہنے لگا۔ کیونکہ شیخو ایک بہت بڑے

’’ٹوڈی بچے‘‘

کا لڑکا تھا، اس غریب کا جوش اور بھی زیادہ بڑھ گیا، اپنی بوسکی کی قمیض اتار وہ بھی شعلوں کی نذر کردی، لیکن بعد میں خیال آیا کہ اس کے ساتھ سونے کے بٹن تھے۔ میں شیخو کا مذاق نہیں اڑاتا، میرا حال بھی ان دنوں بہت دگرگوں تھا۔ جی چاہتا تھا کہ کہیں سے پستول ہاتھ میں آجائے تو ایک دہشت پسند پارٹی بنائی جائے۔ باپ گورنمنٹ کا پنشن خوار تھا۔ اس کا مجھے کبھی خیال نہ آیا۔ بس دل و دماغ میں ایک عجیب قسم کی کُھد بُد رہتی تھی۔ بالکل ویسی ہی جیسی فلاش کھیلنے کے دوران میں رہا کرتی ہے۔ اسکول سے تو مجھے ویسے ہی دلچسپی نہیں تھی مگر ان دنوں تو خاص طور پر مجھے پڑھائی سے نفرت ہو گئی تھی۔ گھر سے کتابیں لے کر نکلتا اور جلیانوالہ باغ چلا جاتا، اسکول کا وقت ختم ہونے تک وہاں کی سرگرمیاں دیکھتا رہتا یا کسی درخت کے سائے تلے بیٹھ کر دورمکانوں کی کھڑکیوں میں عورتوں کو دیکھنا اور سوچتا کہ ضرور ان میں سے کسی کو مجھ سے عشق ہو جائے گا۔ یہ خیال دماغ میں کیوں آتا۔ اس کے متعلق میں کچھ کہہ نہیں سکتا۔ جلیانوالہ باغ میں خوب رونق تھی۔ چاروں طرف تنبو اور قناتیں پھیلی ہوئی تھیں، جو خیمہ سب سے بڑا تھا، اس میں ہر دوسرے تیسرے روز ایک ڈکٹیٹر بناکے بٹھا دیا جاتا تھا۔ جس کو تمام والٹیر سلامی دیتے تھے۔ دو تین روز یا زیادہ سے زیادہ دس پندرہ روز تک یہ ڈکٹیٹر کھادی پوش عورتوں اور مردوں کی نمسکاریں ایک مصنوعی سنجیدگی کے ساتھ وصول کرتا۔ شہر کے بنیوں سے لنگر خانے کے لیے آٹا چاول اکٹھا کرتا اور دہی کی لسّی پی پی کر جو خدا معلوم جلیانوالہ باغ میں کیوں اس قدر عام تھی، ایک دن اچانک گرفتار ہو جاتا۔ اور کسی قید خانے میں چلا جاتا۔ میرا ایک پرانا ہم جماعت تھا۔ شہزادہ غلام علی، اس سے میری دوستی کا اندازہ آپ کو ان باتوں سے ہوسکتا ہے کہ ہم اکٹھے دو دفعہ میٹرک کے امتحان میں فیل ہو چکے تھے اور ایک دفعہ ہم دونوں گھر سے بھاگ کربمبئی گئے، خیال تھا کہ روس جائیں گے مگر پیسے ختم ہونے پر جب فٹ پاتھوں پرسونا پڑا تو گھر خط لکھے، معافیاں مانگیں اور واپس چلے آئے۔ شہزادہ غلام علی خوبصورت جوان تھا۔ لمبا قد، گورا رنگ جو کشمیریوں کا ہوتا ہے۔ تیکھی ناک، کھلنڈری آنکھیں، چال ڈھال میں ایک خاص شان تھی جس میں پیشہ ور غنڈوں کی کجکلاہی کی ہلکی سی جھلک بھی تھی۔ جب وہ میرے ساتھ پڑھتا تھا تو شہزادہ نہیں تھا۔ لیکن جب شہرمیں انقلابی سرگرمیوں نے زور پکڑا اور اس نے دس پندرہ جلسوں اور جلوسوں میں حصہ لیا تو نعروں گیندے کے ہاروں، جوشیلے گیتوں اور لیڈی والنٹیرز سے آزادانہ گفتگوؤں نے اسے ایک نیم رس انقلابی بنا دیا، ایک روز اس نے پہلی تقریر کی۔ دوسرے روز میں نے اخبار دیکھے تو معلوم ہوا کہ غلام علی شہزادہ بن گیا ہے۔ شہزادہ بنتے ہی غلام علی سارے امرتسر میں مشہور ہو گیا۔ چھوٹا سا شہر ہے، وہاں نیک نام ہوتے یا بدنام ہوتے دیر نہیں لگتی۔ یوں تو امرتسری عام آدمیوں کے معاملے میں بہت حرف گیر ہیں۔ یعنی ہر شخص دوسروں کے عیب ٹٹولنے اور کرداروں میں سوراخ ڈھونڈنے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ لیکن سیاسی اور مذہبی لیڈروں کے معاملے میں امرتسری بہت چشم پوشی سے کام لیتے ہیں۔ ان کو دراصل ہر وقت ایک تقریر یا تحریک کی ضرورت رہتی ہے۔ آپ انھیں نیلی پوش بنا دیجیے یا سیاہ پوش، ایک ہی لیڈر چولے بدل بدل کر امرتسر میں کافی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔ لیکن وہ زمانہ کچھ اور تھا۔ تمام بڑے بڑے لیڈر جیلوں میں تھے اور ان کی گدیاں خالی تھیں۔ اس وقت لوگوں کو لیڈروں کی کوئی اتنی زیادہ ضرورت نہ تھی۔ لیکن وہ تحریک جو کہ شروع ہوئی تھی اس کو البتہ ایسے آدمیوں کی اشد ضرورت تھی جو ایک دو روز کھادی پہن کر جلیانوالہ باغ کے بڑے تنبو میں بیٹھیں۔ ایک تقریر کریں اور گرفتار ہو جائیں۔ ان دنوں یورپ میں نئی نئی ڈکٹیٹر شپ شروع ہوئی تھی ہٹلر اور مسولینی کا بہت اشتہار ہورہا تھا۔ غالباً اس اثر کے ماتحت کانگرس پارٹی نے ڈکٹیٹر بنانے شروع کردیے تھے۔ جب شہزادہ غلام علی کی باری آئی تو اس سے پہلے چالیس ڈکٹیٹر گرفتار ہو چکے تھے۔ جونہی مجھے معلوم ہوا کہ۔ اس طرح غلام علی ڈکٹیٹر بن گیا ہے تو میں فوراً جلیانوالہ باغ میں پہنچا۔ بڑے خیمے کے باہر والنٹیروں کا پہرہ تھا۔ مگر غلام علی نے جب مجھے اندر سے دیکھا تو بلا لیا۔ زمین پر ایک گدیلہ تھا۔ جس پر کھادی کی چاندنی بچھی تھی۔ اس پر گاؤ تکیوں کا سہارا لیے شہزادہ غلام علی چند کھادی پوش بنیوں سے گفتگو کررہا تھا جو غالباً ترکاریوں کے متعلق تھی۔ چند منٹوں ہی میں اس نے یہ بات چیت ختم کی اور چند رضا کاروں کو احکام دے کروہ میری طرف متوجہ ہوا۔ اس کی یہ غیر معمولی سنجیدگی دیکھ کر میرے گدگدی سی ہو رہی تھی۔ جب رضا کار چلے گئے تو میں ہنس پڑا۔

’’سنا بے شہزادے۔ ‘‘

میں دیر تک اس سے مذاق کرتا رہا۔ لیکن میں نے محسوس کیا کہ غلام علی میں تبدیلی پیدا ہو گئی ہے۔ ایسی تبدیلی جس سے وہ باخبر ہے۔ چنانچہ اس نے کئی بار مجھ سے یہی کہا

’’نہیں سعادت۔ مذاق نہ اڑاؤ۔ میں جانتا ہوں میرا سر چھوٹا اور یہ عزت جو مجھے ملی ہے بڑی ہے۔ لیکن میں یہ کھلی ٹوپی ہی پہنے رہنا چاہتا ہوں۔ ‘‘

کچھ دیر کے بعد اس نے مجھے دہی کی لسی کا ایک بہت بڑا گلاس پلایا اور میں اس سے یہ وعدہ کرکے گھر چلاگیا کہ شام کو اس کی تقریر سننے کے لیے ضرور آؤں گا۔ شام کو جلیانوالہ باغ کھچا کھچ بھرا تھا۔ میں چونکہ جلدی آیا تھا۔ اس لیے مجھے پلیٹ فارم کے پاس ہی جگہ مل گئی۔ غلام علی تالیوں کے شور کے ساتھ نمودار ہوا۔ سفید بے داغ کھادی کے کپڑے پہنے وہ خوبصورت اور پُر کشش دکھائی دے رہا تھا۔ وہ کجکلاہی کی جھلک جس کا میں اس سے پہلے ذکر کر چکا ہوں۔ اس کی اس کشش میں اضافہ کررہی تھی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک وہ بولتا رہا۔ اس دوران میں کئی بارے رونگٹے کھڑے ہوئے اور ایک دو دفعہ تو میرے جسم میں بڑی شدت سے یہ خواہش پیدا ہوئی کہ میں بم کی طرح پھٹ جاؤں۔ اس وقت میں نے شاید یہی خیال کیا تھا کہ یوں پھٹ جانے سے ہندوستان آزاد ہو جائے گا۔ خدا معلوم کتنے برس گزر چکے ہیں۔ بہتے ہوئے احساسات اور واقعات کی نوک پلک جو اس وقت وقت تھی، اب پوری صحت سے بیان کرنا بہت مشکل ہے۔ لیکن یہ کہانی لکھتے ہوئے میں جب غلام علی کی تقریر کا تصور کرتا ہوں تو مجھے صرف ایک جوانی بولتی دکھائی دیتی تھی، جو سیاست سے بالکل پاک تھی۔ اس میں ایک ایسے نوجوان کی پُر خلوص بیباکی تھی جو ایک دم کسی راہ چلتی عورت کو پکڑلے اور کہے

’’دیکھو میں تمہیں چاہتا ہوں۔ ‘‘

اور دوسرے لمحے قانون کے پنجے میں گرفتار ہو جائے اس تقریر کے بعد مجھے کئی تقریریں سننے کا اتفاق ہوا ہے۔ مگر وہ خادم دیوانگی، وہ سرپھری جوانی، وہ الھڑ جذبہ، وہ بے ریش و بروت للکار جو میں نے شہزادہ غلام علی کی آواز میں سنی۔ اب اس کی ہلکی سی گونج بھی مجھے کبھی سنائی نہیں دی۔ اب جو تقریریں سننے میں آتی ہیں۔ وہ ٹھنڈی سنجیدگی، بوڑھی سیاست اور شاعرانہ ہوشمندی میں لپٹی ہوتی ہیں۔ اس وقت دراصل دونوں پارٹیاں خامکار تھیں۔ حکومت بھی اور رعایا بھی۔ دونوں نتائج سے بے پروا، ایک دوسرے سے دست و گریباں تھے۔ حکومت قید کی اہمیت سمجھے بغیر لوگوں کو قید کررہی تھی اور جو قید ہوتے تھے۔ ان کو بھی قید خانوں میں جانے سے پہلے قید کا مقصد معلوم نہیں ہوتا تھا۔ ایک دھاندلی تھی مگر اس دھاندلی میں ایک آتشیں انتشار تھا۔ لوگ شعلوں کی طرح بھڑکتے تھے، بجھتے تھے، پھر بھڑکتے تھے۔ چنانچہ اس بھڑکنے اور بجھنے، بجھنے اور بھڑکنے نے غلامی کی خوابیدہ اداس اور جمائیوں بھری فضا میں گرم ارتعاش پیدا کردیا تھا۔ شہزادہ غلام علی نے تقریر ختم کی تو سارا جلیانوالہ باغ تالیوں اور نعروں کا دہکتا ہوا الاؤ بن گیا۔ اس کا چہرہ دمک رہا تھا۔ جب میں اس سے الگ جا کر ملا اور مبارکباد دینے کے لیے اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں دبایا تو وہ کانپ رہا تھا یہ گرم کپکپاہٹ اس کے چمکیلے چہرے سے بھی نمایاں تھی۔ وہ کسی قدر ہانپ رہا تھا۔ اس کی آنکھوں میں پُرجوش جذبات کی دمک کے علاوہ مجھے ایک تھکی ہوئی تلاش نظر آئی۔ وہ کسی کو ڈھونڈ رہی تھیں۔ ایک دم اس نے اپنا ہاتھ میرے ہاتھ سے علیحدہ کیا اور سامنے چمبیلی کی جھاڑی کی طرف بڑھا۔ وہاں ایک لڑکی کھڑی تھی۔ کھادی کی بے داغ ساڑھی میں ملبوس۔ دوسرے روز مجھے معلوم ہوا کہ شہزادہ غلام علی عشق میں گرفتار ہے۔ وہ اس لڑکی سے جسے میں نے چمبیلی کی جھاڑی کے پاس باادب کھڑی دیکھا تھا۔ محبت کررہا تھا۔ یہ محبت یک طرفہ نہیں تھی کیونکہ نگار کو بھی اس سے والہانہ لگاؤ تھا۔ نگار جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ایک مسلمان لڑکی تھی۔ یتیم! زنانہ ہسپتال میں نرس تھی اور شاید پہلی مسلمان لڑکی تھی جس نے امرتسر میں بے پردہ ہوکر کانگریس کی تحریک میں حصہ لیا۔ کچھ کھادی کے لباس نے کچھ کانگرس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے باعث اور کچھ ہسپتال کی فضا نے نگار کی اسلامی خُوکو، اس تیکھی چیز کو جو مسلمان عورت کی فطرت میں نمایاں ہوتی ہے تھوڑا سا گھسا دیا تھا جس سے وہ ذرا ملائم ہو گئی تھی۔ وہ حسین نہیں تھی۔ لیکن اپنی جگہ نسوانیت کا ایک نہایت ہی دیدہ چشم منفرد نمونہ تھا۔ انکسار، تعظیم اور پرستش کا وہ ملا جلا جذبہ جو آدرش ہندو عورت کا خاصہ ہے نگار میں اس کی خفیف سی آمیزی نے ایک روح پر ور رنگ پیدا کردیا تھا۔ اس وقت تو شاید یہ کبھی میرے ذہن میں نہ آتا۔ مگر یہ لکھتے وقت میں نگار کا تصور کرتا ہوں تو وہ مجھے نماز اور آرتی کا دلفریب مجموعہ دکھائی دیتی ہے۔ شہزادہ غلام علی کی وہ پرستش کرتی تھی اور وہ بھی اس پر دل و جان سے فدا تھا جب نگار کے بارے میں اس سے گفتگو ہوئی تو پتا چلا کہ کانگرس تحریک کے دوران میں ان دونوں کی ملاقات ہوئی اور تھوڑے ہی دنوں کے ملاپ سے وہ ایک دوسرے کے ہو گئے۔ غلام علی کا ارادہ تھا کہ قید ہونے سے پہلے پہلے وہ نگار کو اپنی بیوی بنالے۔ مجھے یاد نہیں کہ وہ ایسا کیوں کرنا چاہتا تھا۔ کیونکہ قید سے واپس آنے پر بھی وہ اس سے شادی کرسکتا تھا۔ ان دنوں کوئی اتنی لمبی قید نہیں تھی۔ کم سے کم تین مہینے اور زیادہ سے زیادہ ایک برس۔ بعضوں کو تو پندرہ بیس روز کے بعد ہی رہا کردیا جاتا تھا تاکہ دوسرے قیدیوں کے لیے جگہ بن جائے۔ بہر حال وہ اس ارادے کو نگار پر بھی ظاہر کرچکا تھا اور وہ بالکل تیار تھی۔ اب صرف دونوں کو بابا جی کے پاس جا کر ان کا آشیرواد لینا تھا۔ بابا جی جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے بہت زبردست ہستی تھی۔ شہر سے باہر لکھ پتی صراف ہری رام کی شانداری کوٹھی میں وہ ٹھہرے ہوئے تھے۔ یوں تو وہ اکثر اپنے آشرم میں رہتے جو انھوں نے پاس کے ایک گاؤں میں بنا رکھا تھا مگر جب کبھی امرتسر آتے تو ہری رام صراف ہی کی کوٹھی میں اترتے اور ان کے آتے ہی یہ کوٹھی بابا جی کے شیدائیوں کے لیے مقدس جگہ بن جاتی۔ سارا دن درشن کرنے والوں کا تانتا بندھا رہتا۔ دن ڈھلے وہ کوٹھی سے باہر کچھ فاصلے پر آم کے پیڑوں کے جھنڈ میں ایک چوبی تخت پر بیٹھ کر لوگوں کو عام درشن دیتے، اپنے آشرم کے لیے چندہ اکٹھا کرے۔ آخر میں بھجن وغیرہ سن کر ہر روز شام کو یہ جلسہ ان کے حکم سے برخاست ہو جاتا۔ بابا جی بہت پرہیز گار، خدا ترس، عالم اور ذہین آدمی تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندو، مسلمان، سکھ اور اچھوت سب ان کے گرویدہ تھے اور انھیں اپنا امام مانتے تھے۔ سیاست سے گو باباجی کو بظاہر کوئی دلچسپی نہیں تھی مگر یہ ایک کھلا ہوا راز ہے کہ پنجاب کی ہر سیاسی تحریک انہی کے اشارے پر شروع ہوئی۔ اور انہی کے اشارے پر ختم ہوئی۔ گورنمنٹ کی نگاہوں میں وہ ایک عقدہ ءِ لاینحل تھے، ایک سیاسی چیستاں جسے سرکارِ عالیہ کے بڑے بڑے مدبر بھی نہ حل کرسکتے تھے۔ بابا جی کے پتلے پتلے ہونٹوں کی ایک ہلکی سی مسکراہٹ کے ہزار معنی نکالے جاتے تھے مگر جب وہ خود اس مسکراہٹ کا بالکل ہی نیا مطلب واضح کرتے تو مرعوب عوام اور زیادہ مرعوب ہو جاتے۔ یہ جو امرتسر میں سول نافرمانی کی تحریک جاری تھی اور لوگ دھڑا دھڑ قید ہوررہے تھے۔ اس کے عقب میں جیسا کہ ظاہر ہے بابا جی ہی کا اثر کارفرما تھا۔ ہر شام لوگوں کو عام درشن دیتے وقت وہ سارے پنجاب کی تحریک آزادی اور گورنمنٹ کی نت نئی سخت گیریوں کے متعلق اپنے پوپلے منہ سے ایک چھوٹا سا۔ ایک معصوم سا جملہ نکال دیا کرتے تھے، جسے فوراً ہی بڑے بڑے لیڈر اپنے گلے میں تعویذ بنا کرڈال لیتے تھے۔ لوگوں کا بیان ہے کہ ان کی آنکھوں میں ایک مقناطیسی قوت تھی، ان کی آواز میں ایک جادو تھا اور ان کا ٹھنڈا دماغ۔ ان کا وہ مسکراتا ہوتا دماغ جس کو گندی سے گندی گالی اور زہریلی سے زہریلی ظنز بھی ایک لحظے کے ہزارویں حصے کے لیے برہم نہیں کرسکتی تھی۔ حریفوں کے لیے بہت ہی الجھن کا باعث تھا۔ امرتسر میں بابا جی کے سینکڑوں جلوس نکل چکے تھے مگر جانے کیا بات ہے کہ میں نے اور تمام لیڈروں کو دیکھا۔ ایک صرف ان ہی کو میں نے دور سے دیکھا نہ نزدیک سے۔ اسی لیے جب غلام علی نے مجھ سے ان کے درشن کرنے اور ان سے شادی کی اجازت لینے کے متعلق بات چیت کی تو میں نے اس سے کہا کہ جب وہ دونوں جائیں تو مجھے بھی ساتھ لیتے جائیں۔ دوسرے ہی روز غلام علی نے تانگے کا انتظام کیا اور ہم صبح سویرے لالہ ہری رام صراف کی عالیشان کوٹھی میں پہنچ گئے۔ بابا جی غسل اور صبح کی دعا سے فارغ ہو کر ایک خوبصورت پنڈتانی سے قومی گیت سن رہے تھے۔ چینی کی بے داغ سفید ٹائلوں والے فرش پر آپ کھجور کے پتوں کی چٹائی پر بیٹھے تھے۔ گاؤ تکیہ ان کے پاس ہی پڑا تھا۔ مگر انھوں نے اس کا سہارا نہیں لیا تھا۔ کمرے میں سوائے ایک چٹائی کے جس کے اوپر بابا جی بیٹھے تھے اور فرنیچر وغیرہ نہیں تھا۔ ایک سرے سے لے کر دوسرے سرے تک سفید ٹائلیں چمک رہی تھیں۔ ان کی چمک نے قومی گیت گانے والی پنڈتانی کے ہلکے پیازی چہرے کو اور بھی زیادہ حسین بنا دیا تھا۔ بابا جی گو ستر بہتر برس کے بڈھے تھے مگر ان کا جسم( وہ صرف گیروے رنگ کا چھوٹا سا تہمد باندھے تھے) عمر کی جھڑیوں سے بے نیاز تھا۔ جلد میں ایک عجیب قسم کی ملاحت تھی۔ مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ہر روز اشنان سے پہلے روغن زیتون اپنے جسم پر ملواتے ہیں۔ شہزادہ غلام علی کی طرف دیکھ کروہ مسکرائے مجھے بھی ایک نظر دیکھا اور ہم تینوں کی بندگی کا جواب اسی مسکراہٹ کو ذرا طویل کرکے دیا اور اشارہ کیا کہ ہم بیٹھ جائیں۔ میں اب یہ تصویر اپنے سامنے لاتا ہوں تو شعور کی عینک سے یہ مجھے دلچسپ ہونے کے علاوہ بہت ہی فکر خیز دکھائی دیتی ہے۔ کھجور کی چٹائی پر ایک نیم برہنہ معمر جوگیوں کا آسن لگائے بیٹھا ہے۔ اس کی بیٹھک ہے، اس کے گنجے سر سے، اس کی اَدھ کُھلی آنکھوں سے، اس کے سانولے ملائم جسم سے، اس کے چہرے کے ہر خط سے ایک پرسکون اطمینان، ایک بے فکر تیقن مترشح تھا کہ جس مقام پر دنیا نے اسے بٹھا دیا ہے۔ اب بڑے سے بڑا زلزلہ بھی اسے وہاں سے نہیں گرا سکتا۔ اس سے کچھ دور وادی کشمیر کی ایک نوخیز کلی، جھکی ہوئی، کچھ اس بزرگ کی قربت کے احترام سے، کچھ قومی گریت کے اثر سے کچھ اپنی شدید جوانی سے جو اس کی کھردردی سفید ساڑھی سے نکل کر قومی گیت کے علاوہ اپنی جوانی کا گیت بھی گانا چاہتی تھی، جو اس بزرگ کی قربت کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ کسی ایسی تندرست اور جوان ہستی کی بھی تعظیم کرنے کی خواہشمند تھی جو اس کی نرم کلائی پکڑ کر زندگی کے دہکتے ہوئے الاؤ میں کود پڑے۔ اس کے ہلکے پیازی چہرے سے، اس کی بڑی بڑی سیاہ متحرک آنکھوں سے، اس کے کھادی کے کھردرے بلاؤز میں ڈھکے ہوئے متلاطم سینے سے اس معمر جوگی کے ٹھوس تیقن اور سنگین اطمینان کے تقابل میں ایک خاموش صدا تھی کہ آؤ، جس مقام پر میں اس وقت ہوں۔ وہاں سے کھینچ کر مجھے یا تو نیچے گرا دو یا اس سے بھی اوپر لے جاؤ۔ اس طرف ہٹ کر ہم تین بیٹھے تھے۔ میں، نگار اور شہزادہ غلام علی۔ میں بالکل چغد بنا بیٹھا تھا۔ بابا جی کی شخصیت سے بھی متاثر تھا اور اس پنڈتانی کے بے د اغ حسن سے بھی۔ فرش کی چمکیلی ٹائلوں نے بھی مجھے مرعوب کیا تھا۔ کبھی سوچتا تھا کہ ایسی ٹائلوں والی ایک کوٹھی مجھے مل جائے تو کتنا اچھا ہو۔ پھر سوچتا تھا کہ یہ پنڈتانی مجھے اور کچھ نہ کرنے دے، ایک صرف مجھے اپنی آنکھیں چوم لینے دے۔ اس کے تصور سے بدن میں تھرتھری پیدا ہوتی تو جھٹ اپنی نوکرانی کا خیال آتا جس سے تازہ تازہ مجھے کچھ وہ ہوا تھا۔ جی میں آتا کہ ان سب کو، یہاں چھوڑ کر سیدھا گھر جاؤں۔ شاید نظر بچا کر اسے اوپر غسل خانے تک لے جانے میں کامیاب ہو سکوں، مگر جب بابا جی پر نظر پڑتی اور کانوں میں قومی گیت کے پرجوش الفاظ گونجتے تو ایک دوسری تھرتھری بدن میں پیدا ہوتی اور میں سوچتا کہ کہیں سے پستول ہاتھ آجائے تو سول لائن میں جا کر انگریزوں کو مارنا شروع کردوں۔ اس چغد کے پاس نگار اور غلام علی بیٹھے تھے۔ دو محبت کرنے والے دل، جو تنہا محبت میں دھڑکتے دھڑکتے اب شاید کچھ اکتا گئے تھے اور جلدی ایک دوسرے میں محبت کے دوسرے رنگ دیکھنے کے لیے مدغم ہونا چاہتے تھے۔ دوسرے الفاظ میں وہ بابا جی سے، اپنے مسلمہ سیاسی رہنما سے شادی کی اجازت لینے آئے تھے اور جیسا کہ ظاہر ہے ان دونوں کے دماغ میں اس وقت قومی گیت کے بجائے ان کی اپنی زندگی کا حسین ترین مگر اَن سُنا نغمہ گونج رہا تھا۔ گیت ختم ہوا بابا جی نے بڑے مشفقانہ انداز سے پنڈتائی کو ہاتھ کے اشارے سے آشیرواد دیا اور مسکراتے ہوئے نگار اور غلام علی کی طرف متوجہ ہوئے۔ مجھے بھی انھوں نے ایک نظر دیکھ لیا۔ غلام علی شاید تعارف کے لیے اپنا اور نگار کا نام بتانے والا تھا مگر بابا جی کا حافظہ بلا کا تھا۔ انھوں نے فوراً ہی اپنی میٹھی آواز میں کہا۔

’’شہزادے ابھی تک تم گرفتار نہیں ہوئے؟‘‘

غلام علی نے ہاتھ جوڑ کر کہا۔

’’جی نہیں۔ ‘‘

بابا جی نے قلمدان سے ایک پنسل نکالی اور اس سے کھیلتے ہوئے کہنے لگے۔

’’مگر میں تو سمجھتا ہوں۔ تم گرفتار ہو چکے ہو۔ ‘‘

غلام علی اس کا مطلب نہ سمجھ سکا۔ لیکن بابا جی نے فوراً ہی پنڈتانی کی طرف دیکھا اور نگار کی طرف اشارہ کرکے۔

’’نگار نے ہمارے شہزادے کو گرفتار کرلیا ہے۔ ‘‘

نگار محجوب سی ہو گئی۔ غلام علی کا منہ فرطِ حیرت کھلا کا کھلا رہ گیا اور پنڈتانی کے پیازی چہرے پر ایک دعائیہ چمک سی آئی۔ اس نے نگار اور غلام علی کو کچھ اس طرح دیکھا جیسے یہ کہہ رہی ہے۔

’’بہت اچھا ہوا۔ ‘‘

بابا جی ایک بار پھر پنڈتانی کی طرف متوجہ ہوئے۔

’’یہ بچے مجھ سے شادی کی اجازت لینے آئے ہیں۔ تم کب شادی کررہی ہو کمل؟‘‘

تو اس پنڈتانی کا نام کمل تھا۔ بابا جی کے اچانک سوال سے وہ بوکھلا گئی۔ اس کا پیازی چہرہ سرخ ہو گیا۔ کانپتی ہوئی آواز میں اس نے جواب دیا۔

’’میں تو آپ کے آشرم میں جارہی ہوں۔ ‘‘

ایک ہلکی سی آہ بھی ان الفاظ میں لپٹ کرباہر آئی۔ جسے بابا جی کے ہشیار دماغ نے فوراً نوٹ کیا۔ وہ اس کی طرف دیکھ کر جوگیانہ انداز میں مسکرائے اور غلام علی اور نگار سے مخاطب ہو کرکہنے گا۔

’’تو تم دونوں فیصلہ کر چکے ہو۔ ‘‘

دونوں نے دبی زبان میں جواب دیا۔

’’جی ہاں۔ ‘‘

بابا جی نے اپنی سیاست بھری آنکھوں سے ان کو دیکھا۔

’’انسان جب فیصلے کرتا ہے تو کبھی کبھی اُن کو تبدیل کردیا کرتا ہے۔ ‘‘

پہلی دفعہ بابا جی کی بارعب موجودگی میں غلام علی نے انھیں اس کی الھڑ اور بیباک جوانی سے کہا۔

’’یہ فیصلہ اگر کسی وجہ سے تبدیل ہو جائے تو بھی اپنی جگہ پر اٹل رہے گا۔ ‘‘

بابا جی نے آنکھیں بند کرلیں اور جرح کے انداز میں پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

حیرت ہے کہ غلام علی بالکل نہ گھبرایا۔ شاید اس دفعہ نگارسے جو اسے پرخلوص محبت تھی وہ بول اٹھی۔

’’بابا جی ہم نے ہندوستان کو آزادی دلانے کا جو فیصلہ کیا ہے، وقت کی مجبوریاں اسے تبدیل کرتی رہیں۔ مگر جو فیصلہ ہے وہ تو اٹل ہے۔ ‘‘

بابا جی نے جیسا کہ میرا اب خیال ہے کہ اس موضوع پر بحث کرنا مناسب خیال نہ کیا چنانچہ وہ مسکرا دیے۔ اس مسکراہٹ کا مطلب بھی ان کی تمام مسکراہٹوں کی طرح ہر شخص نے بالکل الگ الگ سمجھا۔ اگر بابا جی سے پوچھا جاتا تو مجھے یقین ہے کہ وہ اس کا مطلب ہم سب سے بالکل مختلف بیان کرتے۔ خیر۔ اس ہزار پہلو مسکراہٹ کو اپنے پتلے ہونٹوں پر ذرا اور پھیلاتے ہوئے انھوں نے نگار سے کہا۔

’’نگار تم ہمارے آشرم میں آجاؤ۔ شہزادہ تو تھوڑے دنوں میں قید ہو جائے گا۔ ‘‘

نگار نے بڑے دھیمے لہجے میں جواب۔

’’جی اچھا۔ ‘‘

اس کے بعد بابا جی نے شادی کا موضوع بدل کر جلیانوالہ باغ کیمپ کی سرگرمیوں کا حال پوچھنا شروع کردیا۔ بہت دیر تک غلام علی، نگار اور کمل گرفتاریوں، رہائیوں، دودھ، لسّی اور ترکاریوں کے متعلق باتیں کرتے رہے اور جو میں بالکل چغد بنا بیٹھا تھا۔ یہ سوچ رہا تھا کہ بابا جی نے شادی کی اجازت دینے میں کیوں اتنی مین میخ کی ہے۔ کیا وہ غلام علی اور نگار کی محبت کو شک کی نظروں سے دیکھتے ہیں؟۔ کیا انھیں غلام علی کے خلوص پرشبہ ہے؟ نگار کو انھوں نے کیا آشرم میں آنے کی اس لیے دعوت دی کہ وہاں رہ کر وہ اپنے قید ہونے والے شوہر کا غم بھول جائے گی؟۔ لیکن بابا جی کے اس سوال پر

’’کمل تم کب شادی کررہی ہو۔ ‘‘

کمل نے کیوں کہا تھا کہ میں تو آپ کے آشرم میں جارہی ہوں؟۔ آشرم میں کیا مرد عورت شادی نہیں کرتے؟۔ میرا ذہن عجب مخمصے میں گرفتار تھا۔ مگر اُدھر یہ گفتگو ہورہی تھی کہ لیڈی والنٹیرز کیا پانچ سو رضاکاروں کے لیے چپاتیاں وقت پر تیار کرلیتی ہیں؟ چولہے کتنے ہیں؟ اور توے کتنے بڑے ہیں؟ کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک بہت بڑا چولہا بنالیا جائے اور اس پر اتنا بڑا توا رکھا جائے کہ چھ عورتیں ایک ہی وقت میں روٹیاں پکا سکیں؟ میں یہ سوچ رہا تھا کہ پنڈتانی کمل کیا آشرم میں جا کر باباجی کو بس قومی گیت اور بھجن ہی سنایا کرے گی۔ میں نے آشرم کے مرد والنٹیر دیکھے تھے۔ گر وہ سب کے سب وہاں کے قواعد کے مطابق ہر روز اشنان کرتے تھے، صبح اٹھ کر دانتن کرتے تھے، باہر کھلی ہوا میں رہتے تھے۔ بھجن گاتے تھے۔ مگر ان کے کپڑوں سے پسینے کی بو پھر بھی آتی تھی، ان میں اکثر کے دانت بدبودار تھے اور وہ جو کھلی فضا میں رہنے سے انسان پر ایک ہشاش بشاش نکھار آتا ہے۔ ان میں بالکل مفقود تھا۔ جُھکے جُھکے سے، دبے دبے سے۔ زرد چہرے، دھنسی ہوئی آنکھیں، مرعوب جسم۔ گائے کے نچڑے ہوئے تھنوں کی طرح بے حس اور بے جان۔ میں ان آشرم والوں کو جلیانوالہ باغ میں کئی بار دیکھ چکا تھا۔ اب میں یہ سوچ رہا تھا کہ کیا یہی مرد جن سے گھاس کی بو آتی ہے۔ اس پنڈتانی کو جو دودھ، شہد اور زعفران کی بنی ہے۔ اپنی کیچڑ بھری آنکھوں سے گھوریں گے۔ کیا یہی مرد جن کا منہ اس قدر متعفن ہوتا ہے۔ اس لوبان کی مہک میں لپٹی ہوئی عورت سے گفتگو کریں گے؟ لیکن پھر میں نے سوچا کہ نہیں ہندوستان کی آزادی شاید ان چیزوں سے بالاتر ہے۔ میں ان

’’شاید‘‘

کو اپنی تمام حب الوطنی اور جذبہ ءِ آزادی کے باوجود نہ سمجھ سکا۔ کیونکہ مجھے نگار کا خیال آیا جو بالکل میرے قریب بیٹھی تھی اور بابا جی کو بتارہی تھی کہ شلجم بہت دیر میں گلتے ہیں۔ کہاں شلجم اور کہاں شادی جس کے لیے وہ اور غلام علی اجازت لینے آئے تھے۔ میں نگار اور آشرم کے متعلق سوچنے لگا۔ آشرم میں نے دیکھا نہیں تھا۔ مگر مجھے ایسی جگہوں سے جن کو آشرم، ودیالہ جماعت خانہ، تکیہ، یا درسگاہ کہا جائے ہمیشہ سے نفرت ہے۔ جانے کیوں؟ میں نے کئی اندھ ودیالوں اور اناتھ آشرموں کے لڑکوں اور ان کے متنظموں کو دیکھا ہے۔ سڑک میں قطار باندھ کرچلتے اور بھیک مانگتے ہوئے۔ میں نے جماعت خانے اور درس گاہیں دیکھی ہیں۔ ٹخنوں سے اونچا شرعی پائجامہ، بچپن ہی میں ماتھے پر محراب، جو بڑے ہیں ان کے چہرے پر گھنی داڑھی۔ جو نوخیر ہیں ان کے گالوں اور ٹھڈی پر نہایت ہی بدنما موٹے اور مہین بال۔ نماز پڑھتے جارہے ہیں لیکن ہر ایک کے چہرے پر حیوانیت۔ ایک ادھوری حیوانیت مصلے پر بیٹھی نظر آتی ہے۔ نگار عورت تھی۔ مسلمان، ہندو، سکھ یا عیسائی عورت نہیں۔ وہ صرف عورت تھی، نہیں عورت کی دعا تھی جو اپنے چاہنے والے کے لیے یا جسے وہ خود چاہتی ہے صدق دل سے مانگتی ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ یہ بابا جی کے آشرم میں جہاں ہر روز قواعد کے مطابق دعا مانگی جاتی ہے۔ یہ عورت جو خود ایک دعا ہے۔ کیسے اپنے ہاتھ اٹھا سکے گی۔ میں اب سوچتا ہوں تو بالا جی، نگار، غلام علی، وہ خوبصورت پنڈتانی اور امرتسر کی ساری فضا جو تحریک آزادی کے رومان آفرین کیف میں لپٹی ہوئی تھی۔ ایک خواب سا معلوم ہوتا ہے۔ ایسا خواب جو ایک بار دیکھنے کے بعد جی چاہتا ہے آدمی پھر دیکھے۔ بابا جی کا آشرم میں نے اب بھی نہیں دیکھا مگر جو نفرت مجھے اس سے پہلے تھی اب بھی ہے۔ وہ جگہ جہاں فطرت کے خلاف اصول بنا کر انسانوں کو ایک لکیر پرچلایا جائے میری نظروں میں کوئی وقعت نہیں رکھتی۔ آزادی حاصل کرنا بالکل ٹھیک ہے! اس کے حصول کے لیے آدمی مر جائے، میں اس کو سمجھ سکتا ہوں، لیکن اس کے لیے اگر اس غریب کو ترکاری کی طرح ٹھنڈا اور بے ضرر بنا دیا جائے تو یہی میری سمجھ سے بالکل بالاتر ہے۔ جھونپڑوں میں رہنا، تن آسانیوں سے پرہیز کرنا، خدا کی حمد گانا، قومی نعرے مارنا۔ یہ سب ٹھیک ہے مگر یہ کیا کہ انسان کی اس حِس کو جسے طلبِ حسن کہتے ہیں آہستہ آہستہ مردہ کردیا جائے۔ وہ انسان کیا جس میں خوبصورت اور ہنگاموں کی تڑپ نہ رہے۔ ایسے آشرموں، مدرسوں، ودیالوں اور مولیوں کے کھیت میں کیا فرق ہے۔ دیر تک بابا جی، غلام علی اور نگار سے جلیانوالہ باغ کی جملہ سرگرمیوں کے متعلق گفتگو کرتے رہے۔ آخر میں انھوں نے اس جوڑے کو جو کہ ظاہر ہے کہ اپنے آنے کا مقصد بھول نہیں گیا تھا۔ کہا کہ وہ دوسرے روز شام کو جلیانوالہ باغ آئیں گے اور ان دونوں کو میاں بیوی بنا دیں گے۔ غلام علی اور نگار بہت خوش ہوئے۔ اس سے بڑھ کر ان کی خوش نصیبی اور کیا ہو سکتی تھی کہ بابا جی خود شادی کی رسم ادا کریں گے۔ غلام علی جیسا کہ اس نے مجھے بہت بعد میں بتایا اس قدر خوش ہوا تھا کہ فوراً ہی سے اس بات کا احساس ہونے لگا تھا کہ شاید جو کچھ اس نے سنا ہے غلط ہے۔ کیونکہ بابا جی کے منحنی ہاتھوں کی خفیف سی جنبش بھی ایک تاریخی حادثہ بن جاتی تھی۔ اتنی بڑی ہستی ایک معمولی آدمی کی خاطر جو محض اتفاق سے کانگرس کا ڈکٹیٹر بن گیا ہے۔ چل کے جلیانوالہ باغ جائے اور اس کی شادی میں دلچسپی لے۔ یہ ہندوستان کے تمام اخباروں کے پہلے صفحے کی جلی سرخی تھی۔ غلام علی کا خیال تھا بابا جی نہیں آئیں گے۔ کیونکہ وہ بہت مصروف آدمی ہیں لیکن اس کا یہ خیال جس کا اظہار دراصل اس نے نفسیاتی نقطہ نگاہ سے صرف اس لیے کیا تھا کہ وہ ضرور آئیں، اس کی خواہش کے مطابق غلط ثابت ہوا۔ شام کے چھ بجے جلیانوالہ باغ میں جب رات کی رانی کی جھاڑیاں اپنی خوشبو کے جھونکے پھیلانے کی تیاریاں کررہی تھیں اور متعدد رضاکار دولہا دلہن کے لیے ایک چھوٹا تنبو نصب کرکے اسے چمیلی، گیندے اور گلاب کے پھولوں سے سجا رہے تھے۔ بابا جی اس قومی گیت گانے والی پنڈتانی، اپنے سیکرٹری اور لالہ ہری رام صراف کے ہمراہ لاٹھی ٹیکتے ہوئے آئے۔ اس کی آمد کی اطلاع جلیانوالہ باغ میں صرف اسی وقت پہنچی، جب صدر دروازے پر لالہ ہری رام کی ہری موٹر رکی۔ میں بھی وہیں تھا۔ لیڈی والنٹیرز ایک دوسرے تنبو میں نگار کو دلہن بنا رہی تھیں۔ غلام علی نے کوئی خاص اہتمام نہیں کیا تھا۔ سارا دن وہ شہر کے کانگرسی بنیوں سے رضا کاروں کے کھانے پینے کی ضروریات کے متعلق گفتگو کرتا رہا تھا۔ اس سے فارغ ہوکر اس نے چند لمحات کے لیے نگار سے تخلیے میں کچھ بات چیت کی تھی۔ اس کے بعد جیسا کہ میں جانتا ہوں، اس نے اپنے ماتحت افسروں سے صرف اتنا کہا تھا کہ شادی کی رسم ادا ہونے کے ساتھ ہی وہ اور نگار دونوں جھنڈا اونچا کریں گے۔ جب غلام علی کو بابا جی کی آمد کی اطلاع پہنچی تو وہ کنوئیں کے پاس کھڑا تھا۔ میں غالباً اس سے یہ کہہ رہا تھا۔

’’غلام علی تم جانتے ہوں یہ کنواں، جب گولی چلتی تھی لاشوں سے لبالب بھر گیا تھا۔ آج سب اس کا پانی پیتے ہیں۔ اس باغ کے جتنے پھول ہیں۔ اس کے پانی نے سینچے ہیں۔ مگر لوگ آتے ہیں اور انھیں توڑ کر لے جاتے ہیں۔ پانی کے کسی گھونٹ میں لہو کا نمک نہیں ہوتا۔ پھول کی کسی پتی میں خون کی لالی نہیں ہوتی۔ یہ کیا بات ہے؟‘‘

مجھے اچھی طرح یاد ہے میں نے یہ کہہ کر اپنے سامنے، اس مکان کی کھڑکی کی طرف دیکھا جس میں کہا جاتا ہے کہ ایک نو عمر لڑکی بیٹی تماشا دیکھ رہی تھی اور جنرل ڈائر کی گولی کا نشانہ بن گئی تھی۔ اس کے سینے سے نکلے ہوئے خون کی لکیر چونے کی عمر رسیدہ دیوار پر دھندلی ہورہی تھی۔ اب خون کچھ اس قدر ارزاں ہو گیا کہ اس کے بہنے بہانے کا وہ اثر ہی نہیں ہوتا۔ مجھے یاد ہے کہ جلیانوالہ باغ کے خونیں حادثے کے چھ سات مہینے بعد جب میں تیسری یا چوتھی جماعت میں پڑھتا تھا۔ ہمارا ماسٹر ساری کلاس کو ایک دفعہ اس باغ میں لے گیا۔ اس وقت یہ باغ باغ نہیں تھا۔ اجاڑ، سنسان اور اونچی نیچی خشک زمین کا ایک ٹکڑا تھا جس میں ہر قدم پر مٹی کے چھوٹے بڑے ڈھیلے ٹھوکریں کھاتے تھے۔ مجھے یاد ہے مٹی کا ایک چھوٹا سا ڈھیلا جس پر جانے پان کی پیک کے دھبے یا کیا تھا، ہمارے ماسٹر نے اٹھا لیا تھا اور ہم سے کہا تھا۔ دیکھو اس پر ابھی تک ہمارے شہیدوں کا خون لگا ہے۔ یہ کہانی لکھ رہا ہوں اور حافظے کی تختی پر سینکڑوں چھوٹی چھوٹی باتیں ابھر رہی ہیں مگر مجھے تو غلام علی اور نگار کی شادی کا قصہ بیان کرنا ہے۔ غلام علی کو جب بابا جی کی آمد کی خبر ملی تو اس نے دوڑ کر سب والنٹیر اکٹھے کیے جنہوں نے فوجی انداز میں ان کو سیلوٹ کیا۔ اس کے بعد کافی دیر تک وہ وہ غلام علی مختلف کیمپوں کا چکرلگاتے رہے۔ اس دوران میں بابا جی نے جن کی مزاحیہ حس بہت تیز تھی۔ لیڈی والنٹیرز اور دوسرے ورکرز سے گفتگوکرتے وقت کئی فقرے چُست کیے۔ ادھر ادھر مکانوں میں جب بتیاں جلنے لگیں اور دھندلا اندھیرا سا جلیانوالہ باغ پر چھا گیا تو رضا کار لڑکیوں نے ایک آواز ہو کر بھجن گانا شروع کیا۔ چند آوازیں سریلی، باقی سب کن سری تھیں۔ مگر ان کا مجموعی اثر بہت خوشگوار تھا۔ بابا جی آنکھیں بن کیے سن رہے تھے۔ تقریباً ایک ہزار آدمی موجود تھے۔ جو چبوترے کے اردگرد زمین پر بیٹھے تھے۔ بھجن گانے والی لڑکیوں کے علاوہ ہر شخص خاموش تھا۔ بھجن ختم ہونے پر چند لمحات تک ایسی خاموشی طاری رہی جو ایک دم ٹوٹنے کے لیے بے قرارہو۔ چنانچہ جب بابا جی نے آنکھیں کھولیں اور اپنی میٹھی آواز میں کہا۔

’’بچو، جیسا کہ تمہیں معلوم ہے۔ میں یہاں آج آزادی کے دو دیوانوں کو ایک کرنے آیا ہوں۔ ‘‘

تو سارا باغ خوشی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ نگار دلہن بنی چبوترے کے ایک کونے میں سر جھکائے بیٹھی تھی۔ کھادی کی ترنگی ساری میں بہت بھلی دکھائی دے رہی تھی۔ بابا جی نے اشارے سے اسے بلایا اور غلام علی کے پاس بٹھا دیا۔ اس پر اور خوشی کے نعرے بلند ہوئے۔ غلام علی کا چہرہ غیر معمولی طور پر تمتما رہا تھا۔ میں نے غور سے دیکھا۔ جب اس نے نکاح کا کاغذ اپنے دوست سے لے کربابا جی کو دیا تو اس کا ہاتھ لرز گیا۔ چبوترے پر ایک مولوی صاحب بھی موجود تھے۔ انھوں نے قرآن کی وہ آیت پڑھی جو ایسے موقعوں پر پڑھا کرتے ہیں۔ بابا جی نے آنکھیں بند کرلیں۔ ایجاب و قبول ختم ہوا تو انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں دولھا دولہن کو آشیرواد دی اور جب چھوہاروں کی بارش شروع ہوئی تو انھوں نے بچوں کی طرح جھپٹ جھپٹ کر دس پندرہ چھوہارے اکٹھے کرکے اپنے پاس رکھ لیے۔ نگار کی ایک ہندو سہیلی نے شرمیلی مسکراہٹ سے ایک چھوٹی سی ڈبیا غلام علی کو دی اور اس سے کچھ کہا۔ غلام علی نے ڈبیا کھولی اور نگار کی سیدھی مانگ میں سیندور بھر دیا۔ جلیانوالہ باغ کی خنک فضا ایک بار پھر تیالیوں کی تیز آواز سے گونج اٹھی۔ بابا جی اس شور میں اٹھے۔ ہجوم ایک دم خاموش ہو گیا۔ رات کی رانی اور چمیلی کی ملی جلی سوندھی سوندھی خوشبو شام کی ہلکی پھلکی ہوا میں تیر رہی تھی۔ بہت سہانا سماں تھا۔ بابا جی کی آواز آج اور بھی میٹھی تھی۔ غلام علی اور نگار کی شادی پر اپنی دلی مسرت کا اظہار کرنے کے بعد انھوں نے کہا۔ یہ دونوں بچے اب زیادہ تندہی اور خلوص سے اپنے ملک اور قوم کی خدمت کریں گے۔ کیونکہ شادی کا صحیح مقصد مرد اور عورت کی پرخلوص دوستی ہے۔ ایک دوسرے کے دوست بن کر غلام علی اور نگار یکجہتی سے سوراج کے لیے کوشش کرسکتے ہیں۔ یورپ میں ایسی کئی شادیاں ہوتی ہیں جن کا مطلب دوستی اور صرف دوستی ہوتا ہے۔ ایسے لوگ قابل احترام ہیں جو اپنی زندگی سے شہوت نکال پھینکتے ہیں۔ بابا جی دیر تک شادی کے متعلق اپنے عقیدے کا اظہار کرتے رہے۔ ان کا ایمان تھا کہ صحیح مزا صرف اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب مرد اور عورت کا تعلق صرف جسمانی نہ ہو۔ عورت اور مرد کا شہوانی رشتہ ان کے نزدیک اتنا اہم نہیں تھا جتنا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے۔ ہزاروں آدمی کھاتے ہیں۔ اپنے ذائقے کی حس کو خوش کرنے کے لیے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایسا کرنا انسانی فرض ہے۔ بہت کم لوگ ایسے ہیں جو کھاتے ہیں زندہ رہنے کے لیے۔ اصل میں صرف یہی لوگ ہیں۔ جو خوردونوش کے صحیح قوانین جانتے ہیں۔ اسی طرح وہ انسان جو صرف اس لیے شادی کرتے ہیں کہ انھیں شادی کے مطہر جذبے کی حقیقت اور اس رشتے کی تقدیس معلوم۔ حقیقی معنوں میں ازدواجی زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ بابا جی نے اپنے اس عقیدے کو کچھ اس وضاحت کچھ ایسے نرم و نازک خلوص سے بیان کیا کہ سننے والوں کے لیے ایک بالکل نئی دنیا کے دروازے کھل گئے۔ میں خود بہت متاثر ہوا۔ غلام علی جو میرے سامنے بیٹھا تھا۔ بابا جی کی تقریر کے ایک ایک لفظ کو جیسے پی رہا تھا۔ بابا جی نے جب بولنا بند کیا تو اس نے نگار سے کچھ کہا۔ اس کے بعد اٹھ کر اس نے کانپتی ہوئی آواز میں یہ اعلان کیا۔

’’میری اور نگار کی شادی اسی قسم کی آدرش شادی ہو گی، جب تک ہندوستان کو سوراج نہیں ملتا۔ میرا اور نگار کا رشتہ بالکل دوستوں جیسا ہو گا۔ ‘‘

جلیانوالہ باغ کی خنک فضا دیر تک تالیوں کے بے پناہ شور سے گونجتی رہی۔ شہزادہ غلام علی جذباتی ہو گیا۔ اس کے کشمیری چہرے پر سرخیاں دوڑنے لگیں۔ جذبات کی اسی دوڑ میں اس نے نگار کو بلند آواز میں مخاطب کیا۔

’’نگار! تم ایک غلام بچے کی ماں بنو۔ کیا تمہیں یہ گوارا ہو گا؟‘‘

نگار جو کچھ شادی ہونے پر اور کچھ بابا جی کی تقریر سن کر بوکھلائی ہوئی تھی۔ یہ کڑک سوال سن کر اور بھی بوکھلا گئی۔ صرف اتنا کہہ سکی۔

’’جی؟۔ جی نہیں۔ ‘‘

ہجوم نے پھر تالیاں پیٹیں اور غلام علی اور زیادہ جذباتی ہو گیا۔ نگار کو غلام بچے کی شرمندگی سے بچا کر وہ اتنا خوش ہوا کہ وہ بہک گیا اور اصل موضوع سے ہٹ کر آزادی حاصل کرنے کی پیچدار گلیوں میں جا نکلا۔ ایک گھنٹے تک وہ جذبات بھری آواز میں بولتا رہا۔ اچانک اس کی نظر نگار پر پڑی۔ جانے کیا ہوا۔ ایک دم اس کی قوت گویائی جواب دے گئی۔ جیسے آدمی شراب کے نشے میں بغیر کسی حساب کے نوٹ نکالتا جائے اور ایک دم بٹوہ خالی پائے۔ اپنی تقریر کا بٹوہ خالی پا کر غلام علی کو کافی الجھن ہوئی۔ مگر اس نے فوراً ہی بابا جی کی طرف دیکھا اور جھک کرکہا۔

’’بابا جی۔ ہم دونوں کو آپ کا آشیرواد چاہیے کہ جس بات کا ہم نے عہد کیا ہے، اس پر پورے رہیں۔ ‘‘

دوسرے روز صبح چھ بجے شہزادہ غلام علی کو گرفتار کرلیا گیا۔ کیونکہ اس تقریر میں جو اس نے سوراج ملنے تک بچہ پیدا نہ کرنے کی قسم کھانے کے بعد کی تھی۔ انگریزوں کا تختہ الٹنے کی دھمکی بھی تھی۔ گرفتار ہونے کے چند روز بعد غلام علی کو آٹھ مہینے کی قید ہوئی اور ملتان جیل بھیج دیا گیا۔ وہ امرتسر کا اکیالیسواں ڈکٹیٹر تھا اور شاید چالیس ہزارواں سیاسی قیدی۔ کیونکہ جہاں تک مجھے یاد ہے۔ اس تحریک میں قید ہونے والے لوگوں کی تعداد اخباروں نے چالیس ہزار ہی بتائی تھی۔ عام خیال تھا کہ آزادی کی منزل اب صرف دو ہاتھ ہی دور ہے۔ لیکن فرنگی سیاستدانوں نے اس تحریک کا دودھ ابلنے دیا اور جب ہندوستان کے بڑے لیڈروں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہوا تو یہ تحریک ٹھنڈی لسی میں تبدیل ہو گئی۔ آزادی کے دیوانے جیلوں سے باہر نکلے تو قید کی صعوبتیں بھولنے اور اپنے بگڑے ہوئے کاروبار سنوارنے میں مشغول ہو گئے۔ شہزادہ غلام علی سات مہینے کے بعد ہی باہر آگیا تھا۔ گو اس وقت پہلا سا جوش نہیں تھا۔ پھر بھی امرتسر کے اسٹیشن پر لوگوں نے اس کا استقبال کیا۔ اس کے اعزاز میں تین چار دعوتیں اور جلسے بھی ہوئے۔ میں ان سب میں شریک تھا۔ مگر یہ محفلیں بالکل پھیکی تھیں۔ لوگوں پر اب ایک عجیب قسم کی تھکاوٹ طاری تھی جیسے ایک لمبی دوڑ میں اچانک دوڑنے والوں سے کہہ دیا گیا تھا۔ ٹھہرو، یہ دوڑ پھر سے شروع ہو گی۔ اور اب جیسے یہ دوڑنے والے کچھ دیر ہانپنے کے بعد دوڑ کے مقام آغاز کی طرف بڑی بے دلی کے ساتھ واپس آرہے تھے۔ کئی برس گزر گئے۔ یہ بے کیف تھکاوٹ ہندوستان سے دور نہ ہوئی تھی۔ میری دنیا میں چھوٹے موٹے کئی انقلاب آئے۔ داڑھی مونچھی اگی، کالج میں داخل ہوا۔ ایف اے میں دوبارہ فیل ہوا۔ والد انتقال کرگئے، روزی کی تلاش میں ادھر ادھر پریشان ہوا۔ ایک تھرڈ کلاس اخبار میں مترجم کی حیثیت سے نوکری کی، یہاں سے جی گھبرایا تو ایک بار پھر تعلیم حاصل کرنے کا خیال آیا۔ علی گڑھ یونیورسٹی میں داخل ہوا اور تین ہی مہینے بعد دق کا مریض ہو کرکشمیر کے دیہاتوں میں آوارہ گردی کرتا رہا۔ وہاں سے لوٹ کر بمبئی کا رخ کیا۔ یہاں دو برسوں میں تین ہندو مسلم فساد دیکھے۔ جی گھبرایا تو دلی چلا گیا۔ وہاں بمبئی کے مقابلے میں ہر چیز سست رفتار دیکھی۔ کہیں حرکت نظر بھی آئی تو اس میں ایک زنانہ پن محسوس ہوا۔ آخر یہی سوچا کہ بمبئی اچھا ہے۔ کیا ہوا ساتھ والے ہمسائے کو ہمارا نام تک پوچھنے کی فرصت نہیں۔ جہاں لوگوں کو فرصت ہوتی ہے۔ وہاں ریا کاریاں اور چالبازیاں زیادہ پیدا ہوتی ہیں۔ چنانچہ دلی میں دو برس ٹھنڈی زندگی بسر کرنے کے بعد سدا متحرک بمبئی چلا آیا۔ گھر سے نکلے اب آٹھ برس ہو چلے تھے۔ دوست احباب اور امرتسر کی سڑکیں گلیاں کس حالت میں ہیں۔ اس کا مجھے کچھ علم نہیں تھا کسی سے خط و کتابت ہی نہیں تھی۔ جو پتًہ چلتا۔ دراصل مجھے ان آٹھ برسوں میں اپنے مستقبل کی طرف سے کچھ بے پروائی سی ہو گئی تھی۔ کون بیتے ہوئے دنوں کے متعلق سوچے۔ جو آٹھ برس پہلے خرچ ہو چکا ہے۔ اس کا اب احساس کرنے سے فائدہ؟۔ زندگی کے روپے میں وہی پائی زیادہ اہم ہے جسے تم آج خرچنا چاہتے ہو یا جس پرکل کسی کی آنکھ ہے۔ آج سے چھ برس پہلے کی بات کررہا ہوں۔ جب زندگی کے روپے اور چاندی کے روپے سے جس پر بادشاہ سلامت کی چھاپ ہوتی ہے۔ پائی خارج نہیں ہوئی تھی۔ میں اتنا زیادہ قلاش نہیں تھا۔ کیونکہ فورٹ میں اپنے پاؤں کے لیے ایک قیمتی شو خریدنے جارہا تھا۔ آرمی اینڈ نیوی اسٹور کے صرف ہارنبی روڈ پر جوتوں کی ایک دکان ہے جس کی نمائشی الماریاں مجھے بہت دیر سے اس طرف کھینچ رہی تھی۔ میرا حافظہ بہت کمزور ہے چنانچہ یہ دکان ڈھونڈنے میں کافی وقت صرف ہو گیا۔ یوں تو میں اپنے لیے ایک قیمتی شو خریدنے آیا تھا مگر جیسا کہ میری عادت ہے دوسری دکانوں میں سجی ہوئی چیزیں دیکھنے میں مصروف ہو گیا۔ ایک اسٹور میں سگریٹ کیس دیکھے، دوسرے میں پائپ اسی طرح فٹ پاتھ پر ٹہلتا ہوا جوتوں کی ایک چھوٹی سی دکان کے پاس آیا اور اس کے اندر چلا گیا کہ چلو یہیں سے خرید لیتے ہیں، دکاندار نے میرا استقبال کیا اور پوچھا۔

’’کیا مانگتا ہے صاحب۔ ‘‘

میں نے تھوڑی دیر یاد کیا کہ مجھے کیا چاہیے۔

’’ہاں۔ کریپ سول شو۔ ‘‘

’’ادھر نہیں رکھتا ہم۔ ‘‘

مون سون قریب تھی۔ میں نے سوچا گم بوٹ ہی خرید لوں۔

’’گم بوٹ نکالو۔ ‘‘

’’بابو والے کی دکان سے ملیں گے۔ ربڑ کی کئی چیز ہم ادھر نہیں رکھتا۔ ‘‘

میں نے ایسے ہی پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

’’سیٹھ کی مرضی۔ ‘‘

یہ مختصر مگر جامع جواب سنکر میں دکان سے باہر نکلنے ہی والا تھا کہ ایک خوش پوش آدمی پر میری نظر پڑی جو باہر فٹ پاتھ پر ایک بچہ گود میں اٹھائے پھل والے سے سنگترہ خرید رہا تھا۔ میں باہر نکلا اور وہ دکان کی طرف مڑا۔

’’ارے۔ غلام علی۔

’’سعادت یہ کہہ کر اس نے بچے سمیت مجھے اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا۔ بچے کو یہ حرکت ناگوار معلوم ہوئی۔ چنانچہ اس نے رونا شروع کردیا۔ غلام علی نے اس آدمی کو بلایا۔ جس نے مجھ سے کہا تھا کہ ربڑ کی کوئی چیز ادھر ہم نہیں رکھتا اور اسے بچہ دے کر کہا

’’جاؤ اسے گھر لے جاؤ۔ ‘‘

پھر وہ مجھ سے غاطب ہوا۔

’’کتنی دیر کے بعد ہم ایک دوسرے سے ملے ہیں۔ ‘‘

میں نے غلام علی کے چہرے کی طرف غور سے دیکھا۔ وہ کجکلاہی، وہ ہلکا سا گنڈا پن جو اس کی امتیازی شان تھا۔ اب بالکل مفقود تھا۔ میرے سامنے آتشیں تقریریں کرنے والے کھادی پوش نوجوان کی جگہ ایک گھریلو قسم کا عام انسان کھڑا تھا۔ مجھے اس کی وہ آخری تقریر یاد آئی۔ جب اس نے جلیانوالہ باغ کی خنک فضا کو ان گرم الفاظ سے مرتعش کیا تھا۔

’’نگار۔ تم ایک غلام بچے کی ماں بنو۔ کیا تمہیں یہ گوارا ہو گا‘‘

۔ فوراً ہی مجھے اس بچے کا خیال آیا۔ جو غلام علی کی گود میں تھا۔ میں اس سے یہ پوچھا۔

’’یہ بچہ کس کا ہے؟‘‘

غلام علی نے بغیر کسی جھجک کے جواب دیا۔

’’میرا۔ اس سے بڑا ایک اور بھی ہے۔ کہو، تم نے کتنے پیدا کیے۔ ‘‘

ایک لحظے کے لیے مجھے محسوس ہوا جیسے غلام علی کے بجائے کوئی اور ہل بول رہا ہے۔ میرے دماغ میں سینکڑوں خیال اوپر تلے گرتے گئے۔ کیا غلام علی اپنی قسم بالکل بھول چکا ہے۔ کیا اس کی سیاسی زندگی اس سے قطعاً علیحدہ ہو چکی ہے۔ ہندوستان کو آزادی دلانے کا وہ جوش، وہ ولولہ کہاں گیا۔ اس بے ریش و بروت للکار کا کیا ہوا۔ نگار کہاں تھی؟۔ کیا اس نے دو غلام بچوں کی ماں بننا گوارا کیا۔ شاید وہ مرچکی ہو۔ ہو سکتا ہے۔ غلام علی نے دوسری شادی کرلی ہو۔

’’کیا سوچ رہے ہو۔ کچھ باتیں کرو۔ اتنی دیر کے بعد ملے ہیں۔ ‘‘

غلام علی نے میرے کاندھے پر زور سے ہاتھ مارا۔ میں شاید خاموش ہو گیا تھا۔ ایک دم چونکا اور ایک لمبی

’’ہاں‘‘

کرکے سوچنے لگا کہ گفتگو کیسے شروع کروں۔ لیکن غلام علی نے میرا انتظار نہ کیا اور بولنا شروع کردیا۔

’’یہ دکان میری ہے۔ دو برس سے میں یہاں بمبئی میں ہوں۔ بڑا اچھا کاروبار چل رہا ہے۔ تین چار سو مہینے کے بج جاتے ہیں۔ تم کیا کررہے ہو۔ سنا ہے کہ بہت بڑے افسانہ نویس بن گئے ہو۔ یاد ہے ہم ایک دفعہ یہاں بھاگ کے آئے تھے۔ لیکن یار عجیب بات ہے۔ اس بمبئی اور اس بمبئی میں بڑا فرق محسوس ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے وہ چھوٹی تھی اور یہ بڑی ہے۔ ‘‘

اتنے میں ایک گاہک آیا۔ جسے ٹینس شو چاہیے تھا۔ غلام علی نے اس سے کہا۔

’’ربڑ کا مال اِدھر نہیں ملتا۔ بازو کی دکان میں چلے جائیے۔ ‘‘

گاہک چلا گیا تو میں نے غلام سے پوچھا۔

’’ربڑ کا مال تم کیوں نہیں رکھتے میں بھی یہاں کریپ سول شو لینے آیا تھا۔ ‘‘

یہ سوال میں نے یونہی کیا تھا۔ لیکن غلام علی کا چہرہ ایک دم بے رونق ہو گیا۔ دھیمی آواز میں صرف اتنا کہا۔

’’مجھے پسند نہیں۔ ‘‘

’’کیا پسند نہیں؟‘‘

’’یہی ربڑ۔ ربڑ کی بنی ہوئی چیزیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے مسکرانے کی کوشش کی۔ جب ناکام رہا تو زور سے خشک سا قہقہہ لگایا۔

’’میں تمہیں بتاؤں گا۔ ہے تو بالکل واہیات سی چیز، لیکن۔ لیکن میری زندگی سے اس کا بہت گہرا تعلق ہے۔ ‘‘

تفکر کی گہرائی غلام علی کے چہرے پر پیدا ہوئی۔ اس کی آنکھیں جن میں ابھی تک کھلنڈرا پن موجود تھا۔ ایک لحظے کے لیے دھندلی ہوئیں۔ لیکن پھر چمک اٹھیں۔

’’بکواس تھی یار وہ زندگی۔ سچ کہتا ہوں سعادت میں وہ دن بالکل بھول چکا ہوں۔ جب میرے دماغ پر لیڈری سوار تھی۔ چار پانچ برس سے اب بڑے سکون میں ہوں۔ بیوی ہے بچے ہیں، اللہ کا بڑا فضل و کرم ہے۔ ‘‘

اللہ کے فضل و کرم سے متاثر ہو کر غلام علی نے بزنس کا ذکر شروع کردیا کہ کتنے سرمائے اس نے کام شروع کیا تھا۔ ایک برس میں کتنا فائدہ ہوا۔ اب بنک میں اس کا کتنا روپیہ ہے۔ میں نے اسے درمیان میں ٹوکا اور کہا۔

’’لیکن تم نے کسی واہیات چیز کا ذکر کیا تھا۔ جس کا تمہاری زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ ‘‘

ایک بار پھر غلام علی کا چہرہ بے رونق ہو گیا۔ اس نے ایک لمبی ہاں کی اور جواب دیا۔

’’گہرا تعلق تھا۔ شکر ہے کہ اب نہیں ہے۔ لیکن مجھے ساری داستان سنانی پڑے گی۔ ‘‘

اتنے میں اس کا نوکر آگیا۔ دکان اس کے سپرد کرکے وہ مجھے اندر اپنے کمرے میں لے گیا۔ جہاں بیٹھ کر اس نے مجھے اطمینان سے بتایا کہ اسے ربڑ کی چیزوں سے کیوں نفرت پیدا ہوئی۔

’’میری سیاسی زندگی کا آغاز کیسے ہوا۔ اس کے متعلق تم اچھی طرح جانتے ہو۔ میرا کیریکٹر کیسا تھا۔ یہ بھی تمہیں معلوم ہے۔ ہم دونوں قریب قریب ایک جیسے ہی تھے۔ میرا مطلب ہے ہمارے ماں باپ کسی سے فخریہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ ہمارے لڑکے بے عیب ہیں۔ معلوم نہیں میں تم سے یہ کیوں کہہ رہا ہوں۔ لیکن شاید تم سمجھ گئے ہو کہ میں کوئی مضبوط کیریکٹر کا مالک نہیں تھا۔ مجھے شوق تھا کہ میں کچھ کروں۔ سیاست سے مجھے اسی لیے دلچسپی پیدا ہوئی تھی۔ لیکن میں خدا کی قسم کھا کرکہتا ہوں کہ میں جھوٹا نہیں تھا۔ وطن کے لیے میں جان بھی دے دیتا۔ اب بھی حاضر ہوں۔ لیکن میں سمجھتا ہوں۔ بہت غور و فکر کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ہندوستان کی سیاست، اس کے لیڈر سب ناپختہ ہیں۔ بالکل اسی طرح جس طرح میں تھا۔ ایک لہر اٹھتی ہے۔ اس میں جوش، زور، شورسبھی ہوتا ہے۔ لیکن فوراً ہی بیٹھ جاتی ہے۔ اس کی وجہ جہاں تک میرا خیال ہے کہ لہر پیدا کی جاتی ہے، خود بخود نہیں اٹھتی۔ لیکن شاید میں تمہیں اچھی طرح سمجھا نہیں سکا۔ ‘‘

غلام علی کے خیالات میں بہت الجھاؤ تھا۔ میں نے اسے سگرٹ دیا۔ اسے سلگا کر اس نے زور سے تین کش لیے اور کہا۔

’’تمہارا کیا خیال ہے۔ کیا ہندوستان کی ہر کوشش جو اس نے آزادی حاصل کرنے کے لیے کی ہے۔ غیر فطری نہیں۔ کوشش نہیں۔ میرا مطلب ہے اس کا انجام کیا ہر بار غیر فطری نہیں ہوتا رہا۔ ہمیں کیوں آزادی نہیں ملتی۔ کیا ہم سب نامرد ہیں؟ نہیں، ہم سب مرد ہیں۔ لیکن ہم ایسے ماحول میں ہیں کہ ہماری قوت کا ہاتھ آزادی تک پہنچنے ہی نہیں پاتا۔ ‘‘

میں نے اس سے پوچھا۔

’’تمہارا مطلب ہے آزادی اور ہمارے درمیان کوئی چیز حائل ہے۔ ‘‘

غلام علی کی آنکھیں چمک اٹھیں۔

’’بالکل۔ لیکن یہ کوئی پکی دیوار نہیں ہے۔ کوئی ٹھوس چٹان نہیں ہے۔ ایک پتلی سی جھلی ہے۔ ہماری اپنی سیاست کی، ہماری مصنوعی زندگی کی جہاں لوگ دوسروں کو دھوکا دینے کے علاوہ اپنے آپ سے بھی فریب کرتے ہیں۔ ‘‘

اس کے خیالات بدستور الجھے ہوئے تھے۔ میرا خیال ہے وہ اپنے گزشتہ تجربوں کو اپنے دماغ میں تازہ کررہا تھا۔ سگرٹ بجھا کر اس نے میری طرف دیکھا اور بلند آواز میں کہا۔

’’انسان جیسا ہے ایسے ویسا ہی ہونا چاہیے نیک کام کرنے کے لیے یہ کیا ضروری ہے کہ انسان اپنا سر منڈائے، گیروے کپڑے پہنے یا بدن پر راکھ ملے، تم کہو گے۔ یہ اس کی مرضی ہے۔ لیکن میں کہتاہو ں اس کی اس مرضی ہی سے اس کی اس نرالی چیز ہی سے گمراہی پھیلتی ہے۔ یہ لوگ اونچے ہو کر انسان کی فطری کمزوریوں سے غافل ہو جاتے ہیں۔ بالکل بھول جاتے ہیں کہ ان کے کردار۔ ان کے خیالات اور عقیدے تو ہوا میں تحلیل ہو جائیں گے۔ لیکن ان کے منڈے ہوئے سر، ان کے بدن کی راکھ اور ان کے گیردے کپڑے سادہ لوح انسانوں کے دماغ میں رہ جائیں گے۔ ‘‘

غلام علی زیادہ جوش میں آگیا۔

’’دنیا میں اتنے مصلح پیدا ہوئے ہیں۔ ان کی تعلیم تو لوگ بھول چکے ہیں۔ لیکن صلیبیں، دھاگے، داڑھیاں، کڑے اور بغلوں کے بال رہ گئے ہیں۔ ایک ہزار برس پہلے جو لوگ یہاں بستے تھے۔ ہم ان سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا۔ آج کے مصلح کیوں خیال نہیں کرتے کہ وہ انسان کی شکل مسخ کررہے ہیں۔ جی میں کئی دفعہ آتا ہے۔ بلند آواز میں چلانا شروع کردوں۔ خدا کے لیے انسان کو انسان رہنے دو۔ اس کی صورت کو تم بگاڑ چکے ہو، ٹھیک ہے۔ اب اس کے حال پر رحم کرو۔ تم اس کو خدا بنانے کی کوشش کرتے ہو، لیکن وہ غریب اپنی انسانیت بھی کھو رہا ہے۔ سعادت، میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں۔ یہ میرے دل کی آواز ہے۔ میں نے جو محسوس کیا ہے۔ وہی کہہ رہا ہوں۔ اگر یہ غلط ہے تو پھر کوئی چیز درست اور صحیح نہیں ہے۔ میں نے دو برس، پورے دو برس دماغ کے ساتھ کئی کشتیاں لڑی ہیں۔ میں نے اپنے دل، اپنے ضمیر، اپنے جسم، اپنے روئیں روئیں سے بحث کی ہے۔ مگر اسی نتیجے پر پہنچا ہوں کہ انسان کو انسان ہی رہنا چاہیے۔ نفس ہزاروں میں ایک دو آدمی ماریں۔ سب نے اپنا نفس مارلیا تو میں پوچھتا ہوں یہ کشتہ کام کس کے آئے گا؟‘‘

یہاں تک کہہ کر اس نے ایک اور سگرٹ لیا اور اسے سلگانے میں ساری تیلی جلا کر گردن کو ایک خفیف سا جھٹکا دیا۔

’’کچھ نہیں سعادت۔ تم نہیں جانتے۔ میں نے کتنی روحانی اور جسمانی تکلیف اٹھائی ہے۔ لیکن فطرت کے خلاف جو بھی قدم اٹھائے گا۔ اسے تکلف برداشت کرنی ہی ہو گی۔ میں نے اس روز۔ تمہیں یاد ہو گا وہ دن۔ جلیانوالہ باغ میں اس بات کا اعلان کرکے کہ نگار اورمیں غلام بچے پیدا نہیں کریں گے ایک عجیب قسم کی برقی مسرت محسوس کی تھی۔ مجھے ایسا لگا تھا کہ اس اعلان کے بعد میرا سر اونچا ہو کر آسمان کے ساتھ جا لگا ہے۔ لیکن جیل سے واپس آنے کے بعد مجھے آہستہ آہستہ اس بات کا تکلیف دہ۔ بہت ہی اذیت رساں احساس ہونے لگا کہ میں نے اپنے جسم کا اپنی روح کا ایک بہت ہی ضروری حصہ مفلوج کردیا ہے۔ اپنے ہاتھوں سے میں نے اپنی زندگی کے باغ کا سب سے حسین پھول مسل ڈالا ہے۔ شروع شروع میں اس خیال سے مجھے ایک عجیب قسم کا تسلی بخش فخر محسوس ہوتا رہا کہ میں نے ایسا کام کیا ہے جو دوسروں سے نہیں ہوسکتا۔ لیکن دھیرے دھیرے جب میرے شعور کے مسام کھلنے لگے تو حقیقت اپنی تمام تلخیوں سمیت میرے رگ و ریشے میں رچنے لگی۔ جیل سے واپس آنے پر میں نگار سے ملا۔ ہسپتال چھوڑ کر وہ بابا جی کے آشرم میں چلی گئی تھی۔ سات مہینے کے قید کے بعد جب میں اس سے ملا تو اس کی بدلی ہوئی رنگت، اس کی تبدیل شدہ جسمانی اور دماغی کیفیت دیکھ کر میں نے خیال کیا۔ شاید میری نظروں نے دھوکا کھایا ہے۔ لیکن ایک برس گزرنے کے بعد۔ ایک برس اس کے ساتھ۔ ‘‘

غلام علی کے ہونٹوں پر زخمی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔ ہاں ایک برس اس کے ساتھ رہنے کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ اس کا غم بھی وہی ہے جو میراہے۔ لیکن وہ مجھ پر ظاہر کرنا چاہتی ہے، نہ میں اس پر ظاہر کرنا چاہتی ہوں۔ ہم دونوں اپنے عہد کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے۔ ایک برس میں سیاسی جوش آہستہ آہستہ ٹھنڈاہو چکا تھا۔ کھادی کے لباس اور ترنگے جھنڈوں میں اب وہ پہلی سی کشش باقی نہ رہی تھی۔ انقلاب زندہ باد کا نعرہ اگر کبھی بلند ہوتا بھی تا تو اس میں وہ شان نظر نہیں آتی تھی۔ جلیانوالہ باغ میں ایک تنبو بھی نہیں تھا۔ پرانے کیمپوں کے کھونٹنے کہیں کہیں گڑے نظر آتے تھے۔ خون سے سیاست کی حرارت قریب قریب نکل چکی تھی۔ میں اب زیادہ وقت گھر ہی میں رہتا تھا، اپنی بیوی کے پاس‘‘

۔ ایک بار پھر غلام علی کے ہونٹوں پر وہی زخمی مسکراہٹ پیدا ہوئی اور وہ کچھ کہتے کہتے خاموش ہو گیا۔ میں بھی چپ رہا۔ کیونکہ میں اس کے خیالات کا تسلسل توڑنا نہیں چاہتا تھا۔ چند لمحات کے بعد اس نے اپنی پیشانی کا پسینہ پونچھا اور سگرٹ بجھا کر کہنے لگا۔

’’ہم دونوں ایک عجیب قسم کی لعنت میں گرفتار تھے۔ نگار سے مجھے جتنی محبت ہے۔ تم اس سے واقف ہو۔ میں سوچنے لگا۔ یہ محبت کیا ہے؟۔ میں اس کو ہاتھ لگاتا ہوں تو کیوں اس کے رد عمل کو اپنی معراج پر پہنچنے کی اجازت نہیں دیتا۔ میں کیوں ڈرتا ہوں کہ مجھ سے کوئی گناہ سرزد ہو جائے گا۔ مجھے نگار کی آنکھیں بہت پسند ہیں۔ ایک روز جب کہ شاید میں بالکل صحیح حالت میں تھا، میرا مطلب ہے جیسا کہ ہر انسان کو ہونا چاہیے تھا۔ میں نے انھیں چوم لیا۔ وہ میرے بازوؤں میں تھی۔ یوں کہو کہ ایک کپکپی تھی جو میرے بازوؤں میں تھی۔ قریب تھا کہ میری روح اپنے پرچھڑا کر پھڑپھڑاتی ہوئی اونچے آسمان کی طرف اڑ جائے کہ میں نے۔ کہ میں نے اسے پکڑ لیا اور قید کردیا۔ اس کے بعد بہت دیر تک۔ کئی دنوں تک اپنے آپ کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ میرے اس فعل سے۔ میرے اس بہادرانہ کارنامے سے میری روح کو ایسی لذت ملی ہے جس سے بہت کم انسان آشنا ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں اس میں ناکام رہا اور اس ناکامی نے جسے میں ایک بہت بڑی کامیابی سمجھنا چاہتا تھا۔ خدا کی قسم یہ میری دلی خواہش تھی کہ میں ایسا سمجھوں مجھے دنیا کا سب سے زیادہ دکھی انسان بنا دیا۔ لیکن جیسا کہ تم جانتے ہو۔ انسان حیلے بہانے تلاش کرلیتا ہے، میں نے بھی ایک راستہ نکال لیا۔ ہم دونوں سوجھ رہے تھے۔ اندر ہی اندر ہماری تمام لطافتوں پر پپڑی جم رہی تھی۔ کتنی بڑی ٹریجڈی ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے غیر بن رہے تھے۔ نے سوچا۔ بہت دنوں کے غور و فکر کے بعد ہم اپنے عہد پر قائم رہ کر بھی۔ میرا مطلب ہے کہ نگار غلام بچے پیدا نہیں کرے گی۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس کے ہونٹوں پر تیسری بار وہ زخمی مسکراہٹ پیدا ہوئی۔ لیکن فوراً ہی ایک بلند قہقہے میں تبدیل ہو گئی۔ جس میں تکلیف دہ احساس کی چبھن نمایاں تھی۔ پھر فوراً ہی سنجیدہ ہو کروہ کہنے لگا۔

’’ہماری ازواجی زندگی کا یہ عجیب و غریب دور شروع ہوا۔ اندھے کو جیسے ایک آنکھ مل گئی۔ میں ایک دم دیکھنے لگا لیکن یہ بصارت تھوڑی دیر ہی کے بعد دھندلی ہونے لگی۔ پہلے پہل تو یہی خیال تھا۔ غلام علی موزوں الفاظ تلاش کرنے لگا۔

’’پہلے پہل تو ہم مطمئن تھے۔ میرا مطلب ہے شروع شروع میں ہمیں اس کا قطعاً خیال نہیں تھا کہ تھوڑی ہی دیر کے بعد ہم نامطمئن ہو جائیں گے۔ یعنی ایک آنکھ تقاضا کرنے لگی کہ

’’دوسری آنکھ بھی ہو۔ آغاز میں ہم دونوں نے محسوس کیا تھا جیسے ہم صحت مند ہورہے ہیں، ہماری تندرستی بڑھ رہے۔ نگار کا چہرہ نکھر گیا تھا۔ اس کی آنکھوں میں چمک پیدا ہو گئی تھی۔ میرے اعضا سے بھی خشک سا تناؤ دور ہو گیا تھا جو پہلے مجھے تکلیف دیا کرتا تھا۔ لیکن آہستہ آہستہ ہم دونوں پر عجیب قسم کی مردنی چھانے لگی۔ ایک برس ہی میں ہم دونوں ربڑ کے پتلے سے بن گئے۔ میرا احساس زیادہ شدید تھا۔ تم یقین نہیں کرو گے، لیکن خدا کی قسم اس وقت جب میں بازو کا گوشت چٹک میں لیتا تو بالکل ربڑ معلوم ہوتا۔ ایسا لگتا تھا کہ اندر خون کی نسیں نہیں ہیں۔ نگار کی حالت مجھ سے، جہاں تک میرا خیال ہے مختلف تھی۔ اس کے سوچنے کا زاویہ اور تھا، وہ ماں بننا چاہتی تھی۔ گلی میں جب بھی کسی کے ہاں کوئی بچہ پیدا ہوتا تو اسے بہت سی آہیں چھپ چھپ کر اپنے سینے کے اندر دفن کرنا پڑتی تھیں۔ لیکن مجھے بچوں کا کوئی خیال نہیں تھا، بچے نہ ہوئے تو کیا ہے۔ دنیا میں لاکھوں انسان موجود ہیں جن کے ہاں اولاد نہیں ہوتی۔ یہ کتنی بڑی بات ہے کہ میں اپنے عہد پر قائم ہوں۔ اس سے تسکین تو کافی ہو جاتی تھی مگر میرے ذہن پر جب ربڑ کا مہین مہین جالا تننے لگا تو میری گھبراہٹ بڑھ گئی۔ میں ہر وقت سوچنے لگا اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ میرے دماغ کے ساتھ ربڑ کالمس چمٹ گیا۔ روٹی کھاتا تو لقمے دانتوں کے نیچے کچکچانے لگتے۔

’’یہ کہتے ہوئے غلام علی کو پھریری آگئی۔ ‘‘

بہت ہی واہیات اور غلط چیز تھی۔ انگلیوں میں ہرقت جیسے صابن سا لگا ہے۔ مجھے اپنے آپ سے نفرت ہو گئی۔ ایسا لگتا تھا کہ میری روح کا سارا رس نچڑ گیا ہے اور اس چھلکا سا باقی رہ گیا ہے، استعمال شدہ۔ استعمال شدہ۔ غلام علی ہنسنے لگا۔ شکر ہے کہ وہ لعنت دور ہوئی۔ لیکن سعادت، کن اذیتوں کے بعد۔ زندگی بالکل سوکھے ہوئے چھیچھڑے کی شکل اختیار کرگئی تھی۔ ساری حِسیں مردہ ہو گئی تھیں۔ لیکن لمس کی حس غیر فطری حد تک تیز ہو گئی تھی۔ تیز نہیں۔ اس کا صرف ایک رخ ہو گیا تھا۔ لڑکی میں، شیشے میں، لوہے میں، کاغذ میں، پتھر میں ہر جگہ ربڑ کی وہ مردہ، وہ ابکائی بھری ملائمی!!۔ یہ عذاب اور بھی شدید ہو جاتا جب میں اس کی وجہ کا خیال کرتا۔ میں دو انگلیوں سے اس لعنت کو اٹھا کرپھینک سکتا تھا، لیکن مجھ میں اتنی ہمت نہیں تھی۔ میں چاہتا تھا مجھے کوئی سہارا مل جائے۔ عذاب کے اس سمندر میں مجھے ایک چھوٹا سا تنکا مل جائے جس کی مدد سے میں کنارے لگ جاؤں۔ بہت دیر تک میں ہاتھ پاؤں مارتا رہا۔ لیکن ایک روز جب کوٹھے پر دھوپ میں ایک مذہبی کتاب پڑھ رہا تھا، پڑھ کیا رہا تھا۔ ایسے ہی سرسری نظر دیکھ رہا تھا کہ اچانک میری نظر ایک حدیث پر پڑی۔ خوشی سے اچھل پڑا۔ سہارا میری آنکھوں کے سامنے موجود تھا۔ میں نے بار بار وہ سطریں پڑھیں۔ میری خشک زندگی جیسے سراب ہونے لگی۔ لکھا تھا کہ شادی کے بعد میاں بیوی کے لیے بچے پیدا کرنے لازم ہیں۔ صرف اسی حالت میں ان کی پیدائش روکنے کی اجازت ہے۔ جب والدین کی زندگی خطرے میں ہو۔ میں نے دو انگلیوں سے اس لعنت کو اٹھایا اور ایک طرف پھینک دیا۔ ‘‘

یہ کہہ وہ بچوں کی طرح مسکرانے لگا میں بھی مسکرا دیا۔ کیونکہ اس نے دو انگلیوں سے سگرٹ کا ٹکڑا اٹھا کر ایک طرف ایسے پھینکا تھا جیسے وہ کوئی نہایت ہی مکروہ چیز ہے۔ مسکراتے مسکراتے غلام علی دفعتہً سنجیدہ ہو گیا۔

’’مجھے معلوم ہے سعادت۔ میں نے جو کچھ تم سے کہا ہے تم اس کا افسانہ بنا دو گے۔ لیکن دیکھو میرا مذاق مت اڑانا۔ خدا کی قسم میں نے کچھ محسوس کیا تھا وہی تم سے کہا ہے۔ میں اس معاملے میں تم سے بحث نہیں کروں گا۔ لیکن میں نے جو کچھ حاصل کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ فطرت کی خلاف ورزی ہرگز ہرگز بہادری نہیں۔ یہ کوئی کارنامہ نہیں کہ تم فاقہ کشی کرتے کرتے مر جاؤ، یا زندہ رہو۔ قبر کھو کر اس میں گڑ جانا اور کئی کئی دن اس کے اندر دم سادھے رکھنا، نوکیلی کیلوں کے بستر پر مہینوں لیٹے رہنا، ایک ہاتھ برسوں اوپر اٹھائے رکھنا، حتیٰ کہ وہ سوکھ سوکھ کر لکڑی ہو جائے۔ ایسے مداری پنے سے خدا مل سکتا ہے نہ سوراج۔ اور میں تو سمجھتا ہوں۔ ہندوستان کو سوراج صرف اس لیے نہیں مل رہا کہ یہاں مداری زیادہ ہیں اور لیڈر کم۔ جو ہیں وہ قوانین فطرت کے خلاف چل رہے ہیں۔ ایمان اور صاف دلی کا برتھ کنٹرول کرنے کے لیے ان لوگوں نے سیاست ایجاد کرلی ہے اور یہی سیاست ہے جس نے آزادی کے رحم کا منہ بند کردیا ہے۔ ‘‘

غلام علی اس کے آگے بھی کچھ کہنے والا تھا کہ اس کا نوکر اندر داخل ہوا۔ اس کی گود میں شاید غلام علی کا دوسرا بچہ تھا۔ جس کے ہاتھ میں ایک خوشرنگ بیلون تھا۔ غلام علی دیوانوں کی طرح اس پر جھپٹا۔ پٹاخے کی سی آواز آئی۔ بیلون پھٹ گیا اور بچے کے ہاتھ میں دھاگے کے ساتھ ربڑ کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لٹکتا رہ گیا۔ غلام علی نے دو انگلیوں سے اس ٹکڑے کو چھین کر یوں پھینکا جیسے وہ کوئی نہایت ہی مکروہ چیز تھی۔

سعادت حسن منٹو

سودا بیچنے والی

سہیل اورجمیل دونوں بچپن کے دوست تھے۔ ان کی دوستی کو لوگ مثال کے طور پر پیش کرتے تھے۔ دونوں اسکول میں اکٹھے پڑھے۔ پھر اس کے بعد سہیل کے باپ کا تبادلہ ہو گیا اور وہ راولپنڈی چلا گیا۔ لیکن ان کی دوستی پھر بھی قائم رہی۔ کبھی جمیل راولپنڈی چلا جاتا اور کبھی سہیل لاہور آجاتا۔ دونوں کی دوستی کا اصل سبب یہ تھا کہ وہ حسن پسند تھے۔ وہ خوبصورت تھے۔ بہت خوبصورت لیکن وہ عام خوبصورت لڑکوں کی مانند بدکردار نہیں تھے۔ ان میں کوئی عیب نہیں تھا۔ دونوں نے بی اے پاس کیا۔ سہیل نے راولپنڈی کے گارڈن کالج اور جمیل نے لاہور کے گورنمنٹ کالج سے بڑے اچھے نمبروں پر۔ اس خوشی میں انھوں نے بہت بڑی دعوت کی۔ اس میں کئی لڑکیاں بھی شریک تھیں۔ جمیل قریب قریب سب لڑکیوں کو جانتا تھا، مگر ایک لڑکی کو جب اس نے دیکھا، جس سے وہ قطعاً ناآشنا تھا، تو اسے ایسا محسوس ہوا کہ اس کے سارے خواب پورے ہو گئے ہیں۔ اس نے اس لڑکی کے متعلق، جس کا نام جمیلہ تھا، دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ وہ سلمیٰ کی چھوٹی بہن ہے۔ سلمیٰ کے مقابلے میں جمیلہ بہت حسین تھی۔ سلمیٰ کی شکل و صورت سیدھی شادی تھی لیکن جمیلہ کا ہر نقش تیکھا اور دل کش تھا۔ جمیل اس کو دیکھتے ہی اس کی محبت میں گرفتار ہو گیا۔ اس نے فوراً اپنے دل کے جذبات سے اپنے دوست کو آگاہ کردیا۔ سہیل نے اس سے کہا۔

’’ہٹاؤ یار۔ تم نے اس لڑکی میں کیا دیکھا ہے جو اس بری طرح لٹو ہو گئے ہو؟‘‘

جمیل کو برا لگا:

’’تمہیں حسن کی پرکھ ہی نہیں۔ اپنا اپنا دل ہے۔ تمہیں اگر جمیلہ میں کوئی بات نظر نہیں آئی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے دکھائی نہ دی ہو۔ ‘‘

سہیل ہنسا

’’تم ناراض ہورہے ہو۔ لیکن میں پھر بھی یہی کہوں گا کہ تمہاری یہ جمیلہ برف کی ڈلی ہے، اس میں حرارت نام کو بھی نہیں۔ عورت کا دوسرا نام حرارت ہے۔ ‘‘

’’حرارت پیدا کرلی جاتی ہے۔ ‘‘

’’برف میں؟‘‘

’’برف بھی تو حرارت ہی سے پیدا ہوتی ہے۔ ‘‘

’’تمہاری یہ منطق عجیب وغریب ہے۔ اچھا بھئی جو چاہتے ہو، سو کرو۔ میں تو یہی مشورہ دوں گا کہ اس کا خیال اپنے دل سے نکال دو اس لیے کہ وہ تمہارے لائق نہیں ہے۔ تم اس سے کہیں زیادہ خوبصورت ہو۔ ‘‘

دونوں میں ہلکی سی چخ ہوئی لیکن فوراً صلح ہو گئی۔ جمیل، سہیل کے مشورے کے بغیر اپنی زندگی میں کوئی قدم نہیں اٹھاتا تھا۔ اس نے جب اپنے دوست پر یہ واضح کردیا کہ وہ جمیلہ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا تو سہیل نے اسے اجازت دے دی کہ جس قسم کی چاہے، جھک مار سکتا ہے۔ ‘‘

سہیل راولپنڈی چلا گیا۔ جمیل نے جو جمیلہ کے عشق میں بری طرح مبتلا تھا، اس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش شروع کردی، مگر مصیبت یہ تھی کہ اس کی بڑی بہن سلمیٰ اس کو محبت کی نظروں سے دیکھتی تھی۔ اس نے ان کے گھر آنا جانا شروع کیا تو سلمیٰ بہت خوش ہوئی۔ وہ یہ سمجھتی تھی کہ جمیل اس کے جذبات سے واقف ہو چکا ہے اس لیے اس سے ملنے آتا ہے۔ چنانچہ اس نے غیر مبہم الفاظ میں اپنی محبت کا اظہار شروع کردیا۔ جمیل سخت پریشان تھا کہ کیا کرے۔ جب وہ ان کے گھر جاتا تو سلمیٰ اپنی چھوٹی بہن کو کسی نہ کسی بہانے سے اپنے کمرے سے باہر نکال دیتی اور جمیل دانت پیس کے رہ جاتا۔ کئی بار اس کے جی میں آئی کہ وہ سلمیٰ سے صاف صاف کہہ دے کہ وہ کس غرض سے آتا ہے۔ اس کواس سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ اس کی چھوٹی بہن سے محبت کرتا ہے۔ بے حد مختصر لمحات جو جمیل کو جمیلہ کی چند جھلکیاں دینے کے لیے نصیب ہوتے تھے، اس نے آنکھوں ہی آنکھوں میں اس سے کئی باتیں کرنے کی کوشش کی اور یہ بار آورثابت ہوا۔ ایک دن اسے جمیلہ کا رقعہ ملا، جس کی عبارت یہ تھی:

’’میری بہن جس غلط فہمی میں گرفتار ہیں، اس کو آپ دور کیوں نہیں کرتے۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ مجھ سے ملنے آتے ہیں لیکن باجی کی موجودگی میں آپ سے کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ البتہ آپ باہر جہاں بھی چاہیں، میں آسکتی ہوں۔ ‘‘

جمیل بہت خوش ہوا۔ لیکن اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کون سی جگہ مقرر کرے اور پھر جمیلہ کو اس کی اطلاع کیسے دے۔ اس نے کئی محبت نامے لکھے اور پھاڑ دیے۔ اس لیے کہ ان کی ترسیل بڑی مشکل تھی۔ آخر اس نے یہ سوچا کہ سلمیٰ سے ملنے جائے اور موقع ملے تو جمیلہ کو اشارۃً وہ جگہ بتا دے، جہاں وہ اس سے ملنا چاہتا ہے۔ قریب قریب ایک مہینے تک وہ سلمیٰ سے ملنے جاتا رہا مگر کوئی موقع نہ ملا۔ لیکن ایک دن جب جمیلہ کمرے میں موجود تھی اور سلمیٰ اسے کسی بہانے سے باہر نکالنے والی تھی، جمیل نے بڑی بے ربطی سے بڑبڑاتے ہوئے کہا۔

’’لارنس گارڈن۔ پانچ بجے۔ ‘‘

جمیلہ نے یہ سنا اور چلی گئی۔ سلمیٰ نے بڑی حیرت سے پوچھا

’’یہ آپ نے کیا کہا تھا؟‘‘

’’تم ہی سے تو کہا تھا۔ ‘‘

’’کیا کہا تھا؟‘‘

’’لارنس گارڈن۔ پانچ بجے‘‘

۔ میں چاہتا تھا کہ تم کل لارنس گارڈن میرے ساتھ چلو۔ میرا جی چاہتا ہے کہ ایک پکنک ہو جائے۔ ‘‘

سلمیٰ خوش ہو گئی اور فوراً رضا مند ہو گئی کہ وہ جمیل کے ساتھ دوسرے روز شام کو پانچ بجے لارنس گارڈن میں ضرور جائے گی۔ وہ سینڈوچز بنانے میں مہارت رکھتی تھی، چنانچہ اس نے بڑے پیار سے کہا

’’چکن سینڈوچز کا انتظام میرے ذمے رہا۔ ‘‘

اسی شام کو پانچ بجے لارنس باغ میں جمیل اور جمیلہ سینڈوچ بنے ہوئے تھے۔ جمیل نے اس پر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا تو جمیلہ نے کہا۔

’’میں اس سے غافل نہیں تھی۔ پر کیا کروں، بیچ میں باجی حائل تھیں۔ ‘‘

’’تو اب کیا کیا جائے؟‘‘

’’ایسی ملاقاتیں زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکیں گی۔ ‘‘

’’یہ تو درست ہے۔ کل مجھے صرف اس ملاقات کی پاداش میں تمہاری باجی کے ساتھ یہاں آنا پڑے گا۔ ‘‘

’’اسی لیے تو میں سوچتی ہوں کہ اس کا کیا حل ہوسکتا ہے۔ ‘‘

’’تم حوصلہ رکھتی ہو؟‘‘

’’کیوں نہیں۔ آپ کیا چاہتے ہیں مجھ سے؟۔ میں ابھی آپ کے ساتھ جانے کے لیے تیار ہوں۔ بتائیے، کہاں چلنا ہے؟‘‘

’’اتنی جلدی نہ کرو۔ مجھے سوچنے دو۔ ‘‘

’’آپ سوچ لیجیے۔ ‘‘

’’کل شام کو چار بجے تم کسی نہ کسی بہانے سے یہاں چلی آنا، میں تمہارا انتظار کررہا ہوں گا۔ اس کے بعد ہم راولپنڈی روانہ ہو جائیں گے۔ ‘‘

’دطوفن بھی ہو تو میں کل اس مقررہ وقت پر یہاں پہنچ جاؤں گی۔ ‘‘

’’اپنے ساتھ زیور وغیرہ مت لانا۔ ‘‘

’’کیوں؟‘‘

’’میں تمہیں خود خرید کے دے سکتا ہوں۔ ‘‘

’’میں اپنے زیور نہیں چھوڑ سکتی۔ باجی نے مجھے اپنی ایک بالی بھی آج تک پہننے کے لیے نہیں دی۔ میں اپنے زیور اس کے لیے چھوڑ جاؤں؟‘‘

دوسرے دن شام کو سلمیٰ سینڈوچز تیار کرنے میں مصروف تھی کہ جمیلہ نے الماری میں سے اپنے زیور اور اچھے اچھے کپڑے نکالے، انھیں سوٹ کیس میں بند کیا اور باہر نکل گئی۔ کسی کو کانوں کان بھی خبر نہ ہوئی۔ سلمیٰ سینڈوچز تیار کرتی رہی اور جمیل اور جمیلہ دونوں ریل میں سوار تھے جو راولپنڈی کی طرف تیزی سے جارہی تھی۔ راولپنڈی پہنچ کر جمیل اپنے دوست سہیل کے پاس گیا جو اتفاق سے گھر میں اکیلا تھا۔ اس کے والدین ایبٹ آباد میں منتقل ہو گئے تھے۔ سہیل نے جب ایک برقعہ پوش عورت جمیل کے ساتھ دیکھی تو بڑا متحیر ہوا، مگر اس نے اپنے دوست سے کچھ نہ پوچھا۔ جمیل نے اس سے کہا

’’میرے ساتھ جمیلہ ہے۔ میں اسے اغوا کرکے تمہارے پاس لایا ہوں۔ ‘‘

سہیل نے پوچھا۔

’’اغوا کرنے کی کیا ضرورت تھی؟‘‘

’’بڑا لمبا قصہ ہے۔ میں پھر کبھی سنادوں گا۔ ‘‘

پھر جمیل جمیلہ سے مخاطب ہوا۔

’’برقع اتار دو اور اس گھر کو اپنا گھر سمجھو۔ سہیل میرا عزیز ترین دوست ہے۔ ‘‘

جمیلہ نے برقع اتار دیا اور شرمیلی نگاہوں سے جن میں کسی اور جذبے کی بھی جھلک تھی، سہیل کی طرف دیکھا۔ سہیل کے ہونٹوں پر عجیب قسم کی مسکراہٹ پھیل گئی۔ وہ اپنے دوست سے مخاطب ہوا۔

’’اب تمہارا ارادہ کیا ہے‘‘

جمیل نے جواب دیا۔

’’شادی کرنے کا۔ لیکن فوراً نہیں۔ میں آج ہی واپس لاہور جانا چاہتا ہوں تاکہ وہاں کے حالات معلوم ہوسکیں۔ ہوسکتا ہے بہت گڑ بڑ ہو چکی ہو۔ میں اگر وہاں پہنچ گیا تو مجھ پر کسی کو شک نہیں ہو گا۔ دو تین روز وہاں رہوں گا۔ اس دوران میں تم ہماری شادی کا انتظام کردینا۔ ‘‘

سہیل نے ازراہ مذاق سے کہا۔

’’بڑے عقلمند ہوتے جارہے ہو تم۔ ‘‘

جمیل، جمیلہ کی طرف دیکھ کر مسکرایا۔

’’یہ تمہاری صحبت ہی کا نتیجہ ہے۔ ‘‘

’’تم آج ہی چلے جاؤ گے؟‘‘

جمیل نے جواب دیا۔

’’ابھی۔ اسی وقت۔ مجھے صرف اپنے اس سرمایہ حیات کو تمہارے سپرد کرنا تھا۔ یہ میری امانت ہے۔ ‘‘

جمیل اپنی جمیلہ کو سہیل کے حوالے کرکے واپس لاہور آگیا۔ وہاں کافی گڑبڑ مچی ہوئی تھی۔ وہ سلمیٰ سے ملنے گیا۔ اس نے شکایت کی کہ وہ کہاں غائب ہو گیا تھا۔ جمیل نے اس سے جھوٹ بولا۔

’’مجھے سخت زکام ہو گیا تھا۔ افسوس ہے کہ میں تمہیں اس کی اطلاع نہ دے سکا، اس لیے کہ ہمارا ٹیلی فون خراب تھا اور نوکر کو امی جان نے کسی وجہ سے برطرف کردیا تھا۔ ‘‘

سلمیٰ جب مطمئن ہو گئی تو اس نے جمیل کو بتایا کہ اس کی بہن کہیں غائب ہو گئی ہے۔ بہت تلاش کی ہے مگر نہیں ملی۔ اپنے زیور کپڑے ساتھ لے گئی ہے۔ معلوم نہیں کس کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔ جمیل نے بڑی ہمدردی کا اظہار کیا۔ سلمیٰ اس سے بڑی متاثر ہوئی اور اسے مزید یقین ہو گیا کہ جمیل اسے محبت کرتا ہے۔ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ جمیل نے محض رواداری کی خاطر اپنی جیب سے رومال نکال کر اس کی نمناک آنکھیں پونچھیں اور مصنوعی محبت کا اظہار کیا۔ سلمیٰ اپنی بہن کی گمشدگی کا صدمہ کچھ دیر کے لیے بھول گئی۔ جب جمیل کو اطمینان ہو گیا کہ اس پر کسی کو بھی شبہ نہیں تووہ ٹیکسی میں راولپنڈی پہنچا۔ بڑا بیتاب تھا۔ لاہور میں اس نے تین دن کانٹوں پر گزارے تھے۔ ہر وقت اس کی آنکھوں کے سامنے جمیلہ کا حسین چہرہ رقص کرتا رہتا۔ دھڑکتے ہوئے دل کے ساتھ وہ جب اپنے دوست کے گھر پہنچا تو اس نے جمیلہ کو آواز دی۔ اس کو یقین تھا کہ اس کی آواز سنتے ہی وہ اڑتی ہوئی آئے گی اور اس کے سینے کے ساتھ چمٹ جائے گی۔ مگر اسے ناامیدی ہوئی۔ اس کا دوست اس کی آواز سن کر آیا۔ دونوں ایک دوسرے کے گلے ملے۔ جمیل نے تھوڑے توقف کے بعد پوچھا۔

’’جمیلہ کہاں ہے؟‘‘

سہیل نے کوئی جواب نہ دیا۔ جمیل بڑا مضطرب تھا۔ اس نے پھر پوچھا۔

’’یار۔ جمیلہ کو بلاؤ۔ ‘‘

سہیل نے بڑے رقت آمیز لہجے میں کہا۔

’’وہ تو اسی روز چلی گئی تھی۔ ‘‘

’’کیا مطلب؟‘‘

’’جب تم یہاں اسے چھوڑ کر گئے تو وہ دو تین گھنٹوں کے غائب ہو گئی۔ اسے غالباً تم سے محبت نہیں تھی۔ ‘‘

جمیل پھر لاہور آیا۔ مگر سلمیٰ سے اسے معلوم ہوا کہ اس کی بہن ابھی تک غائب ہے، بہت ڈھونڈا مگر نہیں ملی۔ چنانچہ جمیل کو پھرراولپنڈی جانا پڑا تاکہ وہ اس کی تلاش وہاں کرے۔ وہ اپنے دوست کے گھر نہ گیا۔ اس نے سوچا کہ ہوٹل میں ٹھہرنا چاہیے۔ جہاں سے مطلوبہ معلومات حاصل ہونے کی توقع ہو سکتی ہے۔ جب اس نے راولپنڈی کے ایک ہوٹل میں کمرے کرائے پر لیا تو اس نے دیکھا کہ جمیلہ ساتھ والے کمرے میں سہیل کی آغوش میں ہے۔ وہ اسی وقت اپنے کمرے سے نکل آیا۔ لاہور پہنچا۔ جمیلہ کے زیورات اس کے پاس تھے، یہ اس نے بیمہ کراکر اپنے دوست کو بھیج دیے اور صرف چند الفاظ ایک کاغذ پر لکھ کر ساتھ رکھ دیے۔

’’میں تمہاری کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ جمیلہ کو میرا سلام پہنچا دینا۔ ‘‘

دوسرے دن وہ سلمیٰ سے ملا۔ وہ اس کو جمیلہ سے کہیں زیادہ خوب صورت دکھائی دی۔ وہ اپنی بہن کی گمشدگی کے غم میں رو رہی تھی۔ جمیل نے اس کی آنکھیں چومیں اور کہا

’’یہ آنسو بیکار ضائع نہ کرو۔ انھیں ان اشخاص کے لیے محفوظ رکھو، جو ان کے مستحق ہیں۔ ‘‘

’’لیکن وہ میری بہن ہے۔ ‘‘

’’بہنیں ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ اسے بھول جاؤ۔ ‘‘

جمیل نے سلمیٰ سے شادی کرلی۔ دونوں بہت خوش تھے۔ گرمیوں میں مری گئے تو وہاں انھوں نے جمیلہ کو دیکھا جس کا حسن ماند پڑ گیا تھا اور نہایت واہیات قسم کا میک اپ کیے تھے، پنڈی پوائنٹ پر یوں چل پھر رہی تھی جیسے اسے کوئی سودا بیچنا ہے۔

سعادت حسن منٹو

سو کینڈل پاور کا بلب

وہ چوک میں قیصر پارک کے باہر جہاں ٹانگے کھڑے رہتے ہیں۔ بجلی کے ایک کھمبے کے ساتھ خاموش کھڑا تھا اور دل ہی دل میں سوچ رہا تھا۔ کوئی ویرانی سی ویرانی ہے! یہی پارک جو صرف دو برس پہلے اتنی پُررونق جگہ تھی اب اجڑی پچڑی دکھائی تھی۔ جہاں پہلے عورت اور مرد شوخ و شنگ فیشن کے لباسوں میں چلتے پھرتے تھے۔ وہاں اب بے حد میلے کچیلے کپڑوں میں لوگ ادھر ادھر بیم قصد پھر رہے تھے۔ بازار میں کافی بھیڑ تھی مگر اس میں وہ رنگ نہیں تھا جو ایک میلے ٹھیلے کا ہوا کرتا تھا۔ آس پاس کی سیمنٹ سے بنی ہوئی بلڈنگیں اپنا روپ کھو چکی تھیں۔ سرجھاڑ منہ پھاڑ ایک دوسرے کی طرف پھٹی پھٹی آنکھوں سے دیکھ رہی تھیں۔ جیسے بیوہ عورتیں۔ وہ حیران تھا کہ وہ غازہ کہاں گیا۔ وہ سپندور کہاں اڑگیا۔ وہ سر کہاں غائب ہو گئے جو اس نے کبھی یہاں دیکھے اور سنے تھے۔ زیادہ عرصہ کی بات نہیں، ابھی وہ کل ہو تو(دو برس بھی کوئی عرصہ ہوتا ہے) یہاں آیا تھا۔ کلکتے سے جب اسے یہاں کی ایک فرم نے اچھی تنخواہ پر بلایا تھا تو اس نے قیصر پارک میں کتنی کوشش کی کہ اسے کرائے پر ایک کمرہ ہی مل جائے مگر وہ ناکام رہا تھا۔ ہزار فرمائشوں کے باوجود۔ مگراب اس نے دیکھا کہ جس کنجڑے، جولا ہے اور موچی کی طبیعت چاہتی تھی۔ فلیٹوں اور کمروں پر اپنا قبضہ جما رہا تھا۔ جہاں کسی شان دار فلم کمپنی کا دفتر ہوا کرتا تھا۔ وہاں چولہے سلگ رہے ہیں۔ جہاں کبھی شہر کی بڑی بڑی رنگین ہستیاں جمع ہوتی تھیں۔ وہاں دھوبی میلے کپڑے دھو رہے ہیں۔ دو برس میں اتنا بڑا انقلاب! وہ حیران تھا۔ لیکن اس کو اس انقلاب کا پس منظر معلوم تھا۔ اخباروں کے ذریعہ سے اور ان دوستوں سے جو شہرمیں موجود تھے۔ اسے سب پتہ لگ چکا تھا کہ یہاں کیسا طوفان آیا تھا۔ مگر وہ سوچتا تھا کہ یہ کوئی عجیب و غریب طوفان تھا جو عمارتوں کا رنگ و روپ بھی چوس کر لے گیا۔ انسانوں نے انسان قتل کیے۔ عورتوں کی بے عزتی کی۔ لیکن عمارتوں کی خشک لکڑیوں اور ان کی اینٹوں سے بھی یہی سلوک کیا۔ اس نے سنا تھا کہ اس طوفان میں عورتوں کو ننگا کیا گیا تھا۔ ان کی چھاتیاں کاٹی گئی تھیں۔ یہاں اس کے آس پاس جو کچھ تھا۔ سب ننگا اور جوبن بریدہ تھا۔ وہ بجلی کے کھمبے کے ساتھ لگا اپنے ایک دوست کا انتظار کررہا تھا۔ جس کی مدد سے وہ اپنی رہائش کا کوئی بندوبست کرنا چاہتا تھا۔ اس دوست نے اس سے کہا کہ تم قیصر پارک کے پاس جہاں تانگے کھڑے رہا کرتے ہیں میرا انتظار کرنا۔ دو برس ہوئے جب وہ ملازمت کے سلسلے میں یہاں آیا تو یہ ٹانگوں کا اڈا بہت مشہور جگہ تھی، سب سے عمدہ، سب سے بانکے ٹانگے صرف یہیں کھڑے رہتے تھے۔ کیونکہ یہاں سے عیاشی کا ہر سامان مہیا ہو جاتا تھا۔ اچھے سے اچھا ریسٹورنٹ اور ہوٹل قریب تھا۔ بہترین چائے، بہترین کھانا اور دوسرے لوازمات بھی۔ شہر کے جتنے بڑے دلال تھے وہ یہیں دستیاب ہوتے تھے۔ اس لیے کہ قیصر پارک میں بڑی بڑی کمپنیوں کے باعث روپیہ اور شراب پانی کی طرح بہتے تھے۔ اس کو یاد آیا کہ دو برس پہلے اس نے اپنے دوست کے ساتھ بڑے عیش کیے تھے۔ اچھی سے اچھی لڑکی ہر رات کو ان کی آغوش میں ہوتی تھی۔ اسکاچ جنگ کے باعث نایاب تھی مگر ایک منٹ میں درجنوں بوتلیں مہیا ہو جاتی تھیں۔ ٹانگے اب بھی کھڑے تھے مگر ان پروہ کلغیاں، وہ پھندنے، وہ پیتل کے پالش کیے ہوئے سازو سامان کی چمک دمک نہیں تھی۔ یہ بھی شاید دوسری چیزوں کے ساتھ اڑ گئی تھی۔ اس نے گھڑی میں وقت دیکھا۔ پانچ بج چکے تھے۔ فروری کے دن تھے۔ شام کے سائے چھانے شروع ہو گئے تھے۔ اس نے دل ہی دل میں اپنے دوست کو لعنت ملامت کی اور دائیں ہاتھ کے ویران ہوٹل میں موری کے پانی سے بنائی ہوئی چائے پینے کے لیے جانے ہی والا تھا کہ کسی نے اس کو ہولے سے پکارا۔ اس نے خیال کیا کہ شاید اس کا دوست آگیا۔ مگر جب اس نے مڑ کر دیکھا تو ایک اجنبی تھا۔ عام شکل و صورت کا، لٹھے کی نئی شلوار میں جس میں اب اور زیادہ شکنوں کی گنجائش نہیں تھی۔ نیلی پاپلین کی قمیض جو لانڈری میں جانے کے لیے بیتاب تھی۔ اس نے پوچھا

’’کیوں بھئی۔ تم نے مجھے بلایا؟‘‘

اس نے ہولے سے جواب دیا۔

’’جی ہاں۔ ‘‘

اس نے خیال کہ مہاجر ہے بھیک مانگنا چاہتا ہے۔

’’کیا مانگتے ہو؟‘‘

اس نے اسی لہجے میں جواب دیا۔

’’جی کچھ نہیں۔ ‘‘

پھر قریب آکر کہا۔

’’کچھ چاہیے آپ کو؟‘‘

’’کیا؟‘‘

’’کوئی لڑکی وڑکی۔ ‘‘

یہ کہہ کر وہ پیچھے ہٹ گیا۔ اس کے سینے میں ایک تیر سا لگا کہ دیکھو اس زمانے میں بھی یہ لوگوں کے جنسی جذبات ٹٹولتا پھرتا ہے۔ اور پھر انسانیت کے متعلق اوپر تلے اس کے دماغ میں بڑے حوصلہ شکن خیالات آئے۔ انہی خیالات کے زیر اثر اس نے پوچھا۔

’’کہاں ہے؟‘‘

اس کا لہجہ دلال کے لیے امید افزا نہیں تھا۔ چنانچہ قدم اٹھاتے ہوئے اس نے کہا۔

’’جی نہیں آپ کو ضرورت نہیں معلوم ہوتی۔ ‘‘

اس نے اس کو روکا۔

’’یہ تم نے کس طرح جانا۔ انسان کو ہر وقت اس چیز کی ضرورت ہوتی ہے جو تم مہیا کرسکتے ہو۔ وہ سولی پر بھی۔ جلتی چتا میں بھی۔ ‘‘

وہ فلسفی بننے ہی والا تھا کہ رک گیا۔

’’دیکھو۔ اگر کہیں پاس ہی ہے تو میں چلنے کے لیے تیار ہوں۔ میں نے یہاں ایک دوست کو وقت دے رکھا ہے۔ ‘‘

دلال قریب آگیا۔

’’پاس ہی۔ بالکل پاس۔ ‘‘

’’کہاں؟‘‘

’’یہ سامنے والی بلڈنگ میں۔ ‘‘

اس نے سامنے والی بلڈنگ کو دیکھا۔

’’اس میں۔ اس بڑی بلڈنگ میں؟‘‘

’’جی ہاں۔ ‘‘

وہ لرز گیا۔

’’اچھا۔ تو۔ ؟‘‘

سنبھل کر اس نے پوچھا۔

’’میں بھی چلوں؟‘‘

’’چلیے۔ لیکن میں آگے آگے چلتا ہوں۔ ‘‘

اور دلال نے سامنے والی بلڈنگ کی طرف چلنا شروع کردیا۔ وہ سینکڑوں روح شگاف باتیں سوچتا اس کے پیچھے ہولیا۔ چند گزوں کا فاصلہ تھا۔ فوراً طے ہو گیا۔ دلال اور وہ دونوں اس بڑی بلڈنگ میں تھے۔ جس کی پیشانی پر ایک بورڈ لٹک رہا تھا۔ اس کی حالت سب سے خستہ تھی، جگہ جگہ اکھڑی ہوئی اینٹوں، کٹے ہوئے پانی کے نلوں اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیرتھے۔ اب شام گہری ہو گئی تھی۔ ڈیوڑھی میں سے گزر کر آگے بڑھے تو اندھیرا شروع ہو گیا۔ چوڑا چکلا صحن طے کرکے وہ ایک صرف مڑا۔ عمارت بنتے بنتے رک گئی تھی۔ ننگی اینٹیں تھیں۔ چونہ اور سیمنٹ ملے ہوئے سخت ڈھیر پڑے تھے اور جا بجا بجری بکھری ہوئی تھی۔ دلال نامکمل سیڑھیاں چڑھنے لگا کہ مڑ کر اس نے کہا۔

’’آپ یہیں ٹھہریئے۔ میں اب آیا۔ ‘‘

وہ رک گیا۔ دلال غائب ہو گیا۔ اس نے منہ اوپر کرکے سیڑھیوں کے اختتام کی طرف دیکھا تو اسے تیز روشنی نظر آئی۔ دو منٹ گزر گئے تو دبے پاؤں وہ بھی اوپر چڑھنے لگا۔ آخری زینے پر اسے دلال کی بہت زور کی کڑک سنائی دی۔

’’اٹھتی ہے کہ نہیں؟‘‘

کوئی عورت بولی۔

’’کہہ جودیا مجھے سونے دو۔ ‘‘

اس کی آواز گھٹی گھٹی سی تھی۔ دلال پھر کڑکا۔

’’میں کہتا ہوں اٹھ۔ میرا کہا نہیں مانے گی تو یاد رکھ۔ ‘‘

عورت کی آوازئی۔

’’تو مجھے مار ڈال۔ لیکن میں نہیں اٹھوں گی۔ خدا کے لیے میرے حال پر رحم کر۔ ‘‘

دلال نے پچکارا۔

’’اٹھ میری جان۔ ضد نہ کر۔ گزارہ کیسے چلے گا۔ ‘‘

عورت بولی۔

’’گزارہ جائے جہنم میں۔ میں بھوکی مر جاؤں گی۔ خدا کے لیے مجھے تنگ نہ کر۔ مجھے نیند آرہی ہے۔ ‘‘

دلال کی آواز کڑی ہو گئی۔

’’تو نہیں اٹھے گی۔ حرامزادی، سور کی بچی۔ ‘‘

عورت چلانے لگی۔

’’میں نہیں اٹھوں گی۔ نہیں اٹھوں گی۔ نہیں اٹھوں گی۔ ‘‘

دلال کی آواز بھنچ گئی۔

’’آہستہ بول۔ کوئی سن لے گا۔ لے چل اٹھ۔ تیس چالیس روپے مل جائیں گے۔ ‘‘

عورت کی آواز میں التجا تھی دیکھ میں ہاتھ جوڑتی ہوں۔ میں کتنے دنوں سے جاگ رہی ہوں۔ رحم کر۔ خدا کے لیے مجھ پر رحم کر۔ ‘‘

’’بس ایک دو گھنٹے کے لیے۔ پھر سو جانا۔ نہیں تو دیکھ مجھے سختی کرنی پڑے گی‘‘

تھوڑی دیر کے لیے خاموشی طاری ہو گئی۔ اس نے دبے پاؤں آگے بڑھ کر اس کمرے میں جھانکا جس میں بڑی تیز روشنی آرہی تھی۔ اس نے دیکھا کہ ایک چھوٹی سی کوٹھڑی ہے جس کے فرش پر ایک عورت لیٹی ہے۔ کمرے میں دو تین برتن ہیں، بس اس کے سوا اور کچھ نہیں۔ دلال اس عورت کے پاس بیٹھا اس کے پاؤں داب رہا تھا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس نے اس عورت سے کہا۔

’’لے اب اٹھ۔ قسم خدا کی ایک دو گھنٹے میں آجائے گی۔ پھر سو جانا۔ ‘‘

وہ عورت ایک دم یوں اٹھی جیسے آگ دکھائی ہوئی چھچھوندر اٹھتی ہے اور چلائی۔

’’اچھا اٹھتی ہوں۔ ‘‘

وہ ایک طرف ہٹ گیا۔ اصل میں وہ ڈر گیا تھا۔ دبے پاؤں وہ تیزی سے نیچے اتر گیا۔ اس نے سوچا کہ بھاگ جائے۔ اس شہر ہی سے بھاگ جائے۔ اس دنیا سے بھاگ جائے۔ مگر کہاں؟‘‘

پھر اس نے سوچا کہ یہ عورت کون ہے؟ کیوں اس پر اتنا ظلم ہورہا ہے؟۔ اور یہ دلال کون ہے؟۔ اس کا کیا لگتا ہے اور یہ اس کمرے میں اتنا بلب جلا کر جو سوکینڈل پاور سے کسی طرح بھی کم نہیں تھا۔ کیوں رہتے ہیں۔ کب سے رہتے ہیں؟ اس کی آنکھوں میں اس تیز بلب کی روشنی ابھی تک گھسی ہوئی تھی۔ اس کو کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ مگر وہ سوچ رہا تھا کہ اتنی تیز روشنی میں کون سو سکتا ہے؟۔ اتنا بڑا بلب؟۔ کیا وہ چھوٹا نہیں لگا سکتے۔ یہی پندرہ پچیس کینڈل پاور کا؟ وہ یہ سوچ ہی رہا تھا کہ آہٹ ہوئی۔ اس نے دیکھا کہ دو سائے اس کے پاس کھڑے ہیں۔ ایک نے جو دلال کا تھا۔ اس سے کہا۔

’’دیکھ لیجیے۔ ‘‘

اس نے کہا۔

’’دیکھ لیا ہے۔ ‘‘

’’ٹھیک ہے نا؟‘‘

ٹھیک ہے۔ ‘‘

’’چالیس روپے ہوں گے۔ ‘‘

’’ٹھیک ہے۔ ‘‘

’’دے دیجیے۔ ‘‘

وہ اب سوچنے سمجھنے کے قابل نہیں رہا تھا۔ جیب میں اس نے ہاتھ ڈالا اور کحھ نوٹ نکال کر دلال کے حوالے کردیے۔

’’دیکھ لو کتنے ہیں!‘‘

نوٹوں کی کھڑکھڑاہٹ سنائی دی۔ دلال نے کہا۔

’’پچاس ہیں۔ ‘‘

اس نے کہا۔

’’پچاس ہی رکھو۔ ‘‘

’’صاحب سلام۔ ‘‘

اس کے جی میں آئی کہ ایک بہت بڑا پتھر اٹھا کر اس کو دے مارے۔ دلال بولا۔

’’تو لے جائیے اسے۔ لیکن دیکھیے تنگ نہ کیجیے گا اور پھر ایک دو گھنٹے کے بعد چھوڑ جائیے گا۔ ‘‘

’’بہتر۔ ‘‘

اس نے بڑی بڈنگ کے باہر نکلنا شروع کیا جس کی پیشانی پر وہ کئی بار ایک بہت بڑا بورڈ پڑھ چکا تھا۔ باہر ٹانگہ کھڑا تھا۔ وہ آگے بیٹھ گیا اور عورت پیچھے۔ دلال نے ایک بار پھر سلام کیا اور ایک بار پھر اس کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ وہ ایک بہت بڑا پتھر اٹھا کر اس کے سر پر دے مارے۔ ٹانگہ چل پڑا۔ وہ اسے پاس ہی ایک ویران سے ہوٹل میں لے گیا۔ دماغ کو حتی المقدور اس تکدر سے جو اسے پہنچ چکا تھا نکال کر اس نے اس عورت کی طرف دیکھا جو سرسے پیر تک اجاڑ تھی۔ اس کے پپوٹے سوجے ہوئے تھے۔ آنکھیں جھکی ہوئی تھیں۔ اس کا اوپر کا دھڑ بھی سارے کا سارا خمیدہ تھا جیسے وہ ایک ایسی عمارت ہے جو پل بھر میں گر جائے گی۔ وہ اس سے مخاطب ہوا۔

’’ذرا گردن تو اونچی کیجیے۔ ‘‘

وہ زور سے چونکی۔

’’کیا؟‘‘

’’کچھ نہیں۔ میں نے صرف اتنا کہا تھا کہ کوئی بات تو کیجیے۔ ‘‘

اس کی آنکھیں سرخ بوٹی ہورہی تھیں جیسے ان میں مرچیں ڈالی گئی ہوں۔ وہ خاموش رہی۔

’’آپ کا نام؟‘‘

’’کچھ بھی نہیں؟‘‘

اس کے لہجے میں تیزاب کی سی تیزی تھی۔

’’آپ کہاں کی رہنے والی ہیں؟‘‘

’’جہاں کی بھی تم سمجھ لو۔ ‘‘

’’آپ اتنا روکھا کیوں بولتی ہیں۔ ‘‘

عورت اب قریب قریب جاگ پڑی اور اس کی طرف لال بوٹی آنکھوں سے دیکھ کر کہنے لگی۔

’’تم اپنا کام کرو۔ مجھے جانا ہے۔ ‘‘

اس نے پوچھا۔

’’کہاں؟‘‘

عورت نے بڑی روکھی بے اعتنائی سے جواب دیا۔

’’جہاں سے مجھے تم لائے ہو۔ ‘‘

’’آپ چلی جائیے۔ ‘‘

’’تم اپنا کام کرونا۔ مجھے تنگ کیوں کرتے ہو؟‘‘

اس نے اپنے لہجے میں دل کا سارا درد بھر کے اس سے کہا۔

’’میں تمہیں تنگ نہیں کرتا۔ مجھے تم سے ہمدردی ہے۔ ‘‘

وہ جھلاّ گئی۔

’’مجھے نہیں چاہیے کوئی ہمدرد۔ ‘‘

پھر قریب قریب چیخ پڑی۔

’’تم اپنا کام کرو اور مجھے جانے دو۔ ‘‘

اس نے قریب آکر اس کے سر پر ہاتھ پھیرنا چاہا تو اس عورت نے زور سے ایک طرف جھٹک دیا۔

’’میں کہتی ہوں۔ مجھے تنگ نہ کرو۔ میں کئی دنوں سے جاگ رہی ہوں۔ جب سے آئی ہوں۔ جاگ رہی ہوں۔ ‘‘

وہ سر تا پا ہمدردی بن گیا۔

’’سو جاؤ یہیں۔ ‘‘

عورت کی آنکھیں سرخ ہو گئیں۔ تیز لہجے میں بولی۔

’’میں یہاں سونے نہیں آئی۔ یہ میرا گھر نہیں۔ ‘‘

’’تمہارا گھر وہ ہے جہاں سے تم آئی ہو؟‘‘

عورت اور زیادہ خشمناک ہو گئی۔

’’اف۔ بکواس بند کرو۔ میرا کوئی گھر نہیں۔ تم اپنا کام کرو ورنہ مجھے چھوڑ آؤ اور اپنے روپے لے لو اس۔ اس۔ ‘‘

وہ گالی دیتی دیتی رہ گئی۔ اس نے سوچا کہ اس عورت سے ایسی حالت میں کچھ پوچھنا اور ہمدردی جتانا فضول ہے۔ چنانچہ اس نے کہا۔

’’چلو، میں تمہیں چھوڑ آؤں۔ ‘‘

اور وہ اسے اس بڑی بلڈنگ میں چھوڑ آیا۔ دوسرے دن اس نے قیصر پارک کے ایک ویران ہوٹل میں اس عورت کی ساری داستان اپنے دوست کو سنائی۔ دوست پر رقت طاری ہو گئی۔ اس نے بہت افسوس کا اظہار کیا اور پوچھا:

’’کیا جوان تھی؟‘‘

اس نے کہا۔

’’مجھے معلوم نہیں۔ میں اسے اچھی طرح بالکل نہ دیکھ سکا۔ میرے دماغ میں تو وقت یہ خیال آتا تھا کہ میں نے وہیں سے پتھر اٹھا کر دلال کا سر کیوں نہ کچل دیا۔ ‘‘

دوست نے کہا۔

’’واقعی بڑے ثواب کا کام ہوتا۔ ‘‘

وہ زیادہ دیر تک ہوٹل میں اپنے دوست کے ساتھ نہ بیٹھ سکا۔ اس کے دل و دماغ پر پچھلے روز کے واقعہ کا بہت بوجھ تھا۔ چنانچہ چائے ختم ہوئی تو دونوں رخصت ہو گئے۔ اس کا دوست چپکے سے ٹانگوں کے اڈے پر آیا۔ تھوڑی دیر تک اس کی نگاہیں اس دلال کو ڈھونڈتی رہی مگر وہ نظر نہ آیا۔ چھ بج چکے تھے۔ بڑی بلڈنگ سامنے تھی چند گزوں کے فاصلے پر۔ وہ اس طرف چل دیا اور اس میں داخل ہو گیا۔ لوگ اندر آجارہے تھے۔ مگر وہ بڑے اطمینان سے اس مقام پر پہنچ گیا۔ کافی اندھیرا تھا مگر جب وہ ان سیڑھیوں کے پاس پہنچا تو اسے روشنی دکھائی دی اوپر دیکھا اور دبے پاؤں اوپر چڑھنے لگا۔ کچھ دیر وہ آخری زینے پر خاموش کھڑا رہا۔ کمرے سے تیز روشنی آرہی تھی۔ مگر کوئی آواز، کوئی آہٹ اسے سنائی نہ دی۔ آخری زینہ طے کرکے وہ آگے بڑھا۔ دروازے کے پٹ کھلے تھے۔ اس نے ذرا ادھر ہٹ کر اندر جھانکا۔ سب سے پہلے اسے بلب نظر آیا۔ جس کی روشنی اس کی آنکھوں میں گھس گئی۔ ایک دم وہ پرے ہٹ گیا تاکہ تھوڑی دیر اندھیرے کی طرف منہ کرکے اپنی آنکھوں سے چکا چوند نکال سکے۔ اس کے بعد وہ پھر دروازے کی طرف بڑھا مگر اس انداز سے کہ اس کی آنکھیں بلب کی تیز روشنی کی زد میں نہ آئیں۔ اس نے اندر جھانکا۔ فرش کا جو حصہ اسے نظر آیا۔ اس پر ایک عورٹ چٹائی پر لیٹی تھی۔ اس نے اسے غور سے دیکھا۔ سو رہی تھی۔ منہ پر دوپٹہ تھا۔ اس کا سینہ سانس کے اتار چڑھاؤ سے ہل رہا تھا۔ وہ ذرااور آگے بڑھا۔ اس کی چیخ نکل گئی مگر اس نے فوراً ہی دبالی۔ اس عورت سے کچھ دور ننگے فرش پر ایک آدمی پڑا تھا۔ جس کا سر پاش پاش تھا۔ پاس ہی خون آلود اینٹ پڑی تھی۔ یہ سب اس نے ایک نظر دیکھا۔ اور سیڑھیوں کی طرف لپکا۔ پاؤں پھسلا اور نیچے۔ مگر اس نے چوٹوں کی کوئی پرواہ نہ کی اور ہوش و حواس قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے بمشکل اپنے گھر پہنچا اور ساری رات ڈراؤنے خواب دیکھتا رہا۔

سعادت حسن منٹو

سنترپنچ

میں لاہور کے ایک اسٹوڈیو میں ملازم ہوا۔ جس کا مالک میرا بمبئی کا دوست تھا۔ اس نے میرا استقبال کیا۔ میں اس کی گاڑی میں اسٹوڈیو پہنچا تھا ٗ بغل گیر ہونے کے بعد اس نے اپنی شرافت بھری مونچھوں کو جو غالباً کئی دنوں سے ناتراشیدہ تھیں۔ تھرکاکر کہا:

’’کیوں خواجہ ! چھوڑ دی۔ ‘‘

میں نے جواب دیا۔

’’چھوڑنی پڑی۔ ‘‘

اسٹوڈیو کا مالک جو اچھا فلم ڈائریکٹر بھی ہے ( میں اسے سہولت کی خاطر گیلانی کہوں گا) مجھے اپنے خاص کمرے میں لے گیا۔ ادھر ادھر کی بے شمار باتیں کرنے کے بعد اس نے چائے منگوائی جو نہایت ذلیل تھی ٗ زبردستی پلائی۔ کئی سگریٹ اس دوران خود پھونکے اور مجھ سے پھنکوائے۔ مجھے ایک ضروری کام سے جانا تھا۔ چنانچہ میں نے اس سے کہا۔

’’یار ٗ چھوڑو اب چائے کی بکواس کو۔ مجھے یہ بتاؤ کہ تم نے آج اتنے برسوں کے بعد کیسے یاد کر لیا‘‘

’’بس ایک دن اچانک یاد آگئے۔ بُلالیا۔ بتاؤ اب صحت کیسی ہے۔ ‘‘

’’تمہاری دعا سے ٹھیک ہے۔ ‘‘

میرے لہجے میں دوستانہ طنز تھا۔ وہ ہنسا۔

’’واہ ٗ میرے مولوی صاحب۔ میرا خیال ہے کہ جب سے تم خشک خشک ہوئے ہو۔ تمہاری ہر وقت شگفتہ رہنے والی طبیعت ٹھہرے پانی کی طرح ٹھہر گئی ہے۔ ‘‘

’’ہو گا ایسا ہی۔ ‘‘

’’ہو گا کیا۔ ہے ہی ایسا معاملہ۔ لیکن خدا نہ کرے ٗ ایسی ذہانت جس کے سب معترف ہیں۔ اس کا بھی یہی حشر ہو۔ کیا تم اب بھی فلم کہانی کا ڈھانچہ تیار کر سکتے ہو۔ فرسٹ کلاس کہانی۔ ‘‘

میں نے اس سے کہا:

’’فرسٹ ٗ سیکنڈٗ انٹر اور تھرڈ میں نہیں جانتا۔ البتہ کہانی ضرور ہو گی۔ تم سوچتے ہو فرسٹ کی کہانی وہ اسکرین پر آتے ہی تھرڈ نہ بن جائے۔ یا تھرڈ جس کو تم نے ڈبوں میں بند کر کے گودام میں رکھ چھوڑا تھا۔ وہ گولڈن جوبلی فلم ثابت ہو۔ کیا درست نہیں۔ خیر اِن باتوں کو چھوڑو تم یہ بتاؤ کہ چاہتے کیا ہو۔ ‘‘

اس نے مجھے ایک سگریٹ سلگا کر دیا اور سنجیدگی سے کہا:

’’دیکھو منٹو۔ میں ایک کہانی چاہتا ہوں۔ بڑا دلچسپ رومان ہو اور تم مجھے اس کا مفصل اسکیچ ایک ہفتے کے اندر اندر دے دو۔ کیونکہ میں فلم ڈسٹری بیوٹر سے کنٹریکٹ کر چکا ہوں تم بتاؤ کتنی دیر میں لکھ لو گے۔ ‘‘

’’فراغت سے ایک مہینے کے بعد۔ ‘‘

سردیوں کا موسم تھا اس نے اپنے ہاتھ ایک دوسرے کے ساتھ بڑے زور کے ساتھ ملے۔ اس کے اس عمل سے دو چیزیں ظاہر ہوتی تھیں اول یہ کہ اس کے ہاتھ گرم ہو گئے ہیں۔ دوم یہ کہ اس کے سر کا بوجھ ہلکا ہو گیا ہے کہ اس کو کہانی وقت پر مل جائے گی اور وہ جو کہ میری طرح تیزی سے کام کرنے والا ہے ٗ اسے وقت مقررہ کے اندر اندر ڈائریکٹ کر کے اس کے پرنٹ ڈسٹری بیوٹر کے حوالے کر دے گا اور کنٹریکٹ کی رو سے جو بقایا رقم اس کے نام نکلتی تھی ٗ اسی وقت میز پر دھروالے گا۔ اس نے چند لمحات غور کیا۔

’’کل ہی کام شروع کر دے گا۔ ‘‘

میں نے جواب دیا:

’’کام تو میں شروع کر دوں۔ لیکن یہاں میرے لیے کوئی علیحدہ کمرہ ہونا چاہیے۔ ‘‘

’’ہو جائے گا۔ ‘‘

’’اور ایک اسسٹنٹ۔ ‘‘

’’مل جائے گا۔ تو کل سے آنا شروع کر دو گے۔ ‘‘

میں نے اس سے کہا:

’’دیکھو گیلانی۔ میرے گھر سے اور تمہارے اسٹوڈیو تک کا فاصلہ کافی ہے۔ تانگے میں آؤں تو قریب قریب ڈیڑھ گھنٹہ۔ بس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ‘‘

اس نے پوچھا

’’کیوں۔ ‘‘

’’یعنی اس کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ بس اسٹینڈ پر کھڑے رہو۔ خدا خدا کر کے پانچ نمبر کی بس آگئی۔ مسافروں سے بھری ہوئی اور وہ بغیر ٹھہرے چل دی اور تم خود کو دنیا کا کم ترین انسان محسوس کرتے ہو۔ جی میں آتا ہے کہ خودکشی کر لو۔ یا پھر دنیا والوں کی بے رخی سے نجات حاصل کرنے کے لیے سنیاس دھارلوں۔ ‘‘

گیلانی نے اپنی شرارت بھری مونچھیں تھرکائیں۔

’’میں شرط بدنے کیلیے تیار ہوں کہ تم کبھی دنیا تیاگ نہیں سکتے جس دنیا میں ہر قسم کی شراب ملتی ہے۔ اور خوبصورت عورتیں بھی۔ ‘‘

میں نے چڑ کر کہا:

’’عورتیں جائیں جہنم میں۔ تم اچھی طرح جانتے ہو کہ میں بمبئی کے ہر اسٹوڈیو میں ٗ جہاں میں نے کام کیا ٗ ان سے دور ہی رہا۔ ‘‘

’’تم تو خیر اپنے وقت کے ڈون جو آن Donjyan ہو۔ ‘‘

’’مذاق اُڑاتے ہو تم خواجہ میرا۔ ‘‘

میں نے سنجیدگی کے ساتھ اس سے کہا:

’’نہیں گیلانی ع یہ رُتبہ بلند ملا جس کو مل گیا۔ یایوں کہہ لو ایں سعادت بزور بازو نیست تا نہ بخشد خدائے بخشندہ گیلانی مسکرایا۔

’’خدائے بخشندہ تو بڑے عرصے سے تمہیں مرحوم و مغفور کر چکا ہے۔ تم بخشی ہوئی روح ہو۔ ‘‘

میں نے کہا:

’’اس سے کیا ہوتا ہے۔ میں اپنے گناہوں کی سزا بھگتنا چاہتا ہوں۔ ‘‘

’’فلسفہ مت بگھارو یار۔ یہ بتاؤ کیا ابھی تک تمہارے پاس وہ اردو ٹائپ رائٹر موجود ہے۔ ‘‘

’’اچھا تو یہ بتاؤ کہ وہ ایکٹریس جس سے تم نے کلکتہ میں شادی کی تھی ٗ ابھی تک تمہارے پاس موجود ہے۔ ‘‘

گیلانی نے فخریہ انداز میں جواب دیا:

’’موجود کیوں نہیں ہو گی۔ گویا تمہاری نظر میں ایکٹریس اور ٹائپ رائٹر میں کوئی فرق نہیں۔ ‘‘

میں نے اس سے کہا:

’’کیا فرق ہے۔ ایک فلم پر ٹائپ کرتی ہے۔ دوسری کاغذ پر۔ دونوں کسی وقت بھی بگڑ سکتی ہیں۔ ‘‘

گیلانی میری ان باتوں سے تنگ آگیا تھا۔ آخر میں نے اس کو دلاسا دیا۔

’’یار ٗ یہ سب مذاق تھا۔ تو میں کل آجاؤں۔ میرا مطلب ہے تم گاڑی بھیج دو گے؟‘‘

گیلانی صوفے پر سے اٹھا۔ اس کے ساتھ میں بھی۔ اس نے کہا:

’’ہاں۔ ہاں بھئی۔ کب چاہیے تمہیں گاڑی۔ ‘‘

’’کوئی وقت بھی مقرر کر لو۔ ساڑھے نو بجے صبح۔ ‘‘

’’ٹھیک ہے۔ ‘‘

’’تم کاغذ وغیرہ آج ہی منگوا لینا۔ تاکہ میں اسٹوڈیو پہنچتے ہی کام شروع کر دُوں۔ اور تم سے الٹا نہ سنوں کہ دیکھو تم نے مجھے لیٹ ڈاؤن دیا۔ میرا اتنے ہزار روپے کا نقصان ہو گیا ہے۔ ‘‘

گیلانی نے بڑے پیار سے کہا:

’’کیا بکتے ہو یار۔ میں تمہاری طبیعت سے کیا واقف نہیں۔ کبھی کبھی تم ڈبکی لگا جایا کرتے ہو۔ ‘‘

میں نے اُس کو یقین دلایا:

’’نہیں ایسا نہیں ہو گا۔ تم مطمئن رہو۔ ہاں میرا ٹائپ رائٹر یہاں محفوظ تو رہے گا؟‘‘

گیلانی کی عادت ہے کہ وہ ذرا ذرا سی بات پر چِڑ جاتا ہے۔

’’محفوظ نہیں رہے گا تو کیا غنڈے اغواہ کرنے آ جائیں گے۔ اپنے کسی عاشق کے ساتھ تمہاری مشین بھاگ نکلے گی۔ ‘‘

میں بہت ہنسا۔ ہنستے ہنساتے ہم دونوں نے اسٹوڈیو کا چکر لگایا۔ اس کے بعد اس نے مجھے الوداع کہی اور میں اسی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گیا۔ جہاں پہنچتے ہی میں نے ٹائپ رائٹر کی جھاڑ پونچھ کی۔ اس لیے کہ ایک مدت سے میں نے اسے استعمال نہیں کیا تھا کیونکہ فلمی کہانی لکھنے کا اس دوران میں کوئی موقع ہی میسر نہ آیا۔ بِگڑا ہوا مکینک یا مستری آرٹسٹ بن جاتا ہے ٗ یہ میرا اپنا ذاتی اختراع کردہ محاورہ ہے۔ گیلانی شروع شروع میں مکینک تھا۔ بگڑ کر وہ آرٹسٹ بن گیا ٗ پر وہ محنتی تھا۔ جب وہ مستری تھا تو اسے زیادہ سہولتیں میسر نہیں تھیں لیکن جب کیمرہ قلی سے ترقی کرتا کرتا کیمرہ مین بن گیا تو اس نے کیمرے کے ہر پیچ کے متعلق اپنی خداداد ذہانت اور جستجو طلب طبیعت کی بدولت یہ دریافت کر لیا کہ ان کا لوہے کے اس چوکھٹے میں اپنی اپنی جگہ کیا مصرف ہے۔ کیمرے کو وہ الٹا کرتا۔ کبھی سیدھا۔ کبھی اس کا گیٹ کھول کر بیٹھ جاتا اور گھنٹوں اس سے اپنے مختلف سائز کے پیچ پُرزوں کے ذریعے بوس و کنار میں مشغول رہتا۔ فرصت کے اوقات۔ یعنی جب شوٹنگ نہیں ہوتی تھی۔ وہ اپنی سائیکل پر شہر پہنچتا اور سارا دن کباڑیوں کی دکانوں پر صرف کرتا۔ اس کو دنیا کے تمام کباڑیوں سے محبت ہے ٗ اور ان کے کباڑ خانوں کو وہ بڑی مقدس جگہیں تصوّر کرتا تھا۔ وہ ان دُکانوں میں بیٹھ کر منصوبہ تیار کرتا رہتا کہ سلائی مشین کا ہینڈل جو بیکار پڑا ہے اگر لوہے کے فلائی ٹکڑے کے ساتھ ویلڈ کر دیا جائے اور اس کے فلاں کے اندر چھوٹے پنکھے جو نکڑوالی دکان میں موجود ہیں ٗ لگا دئیے جائیں تو فرسٹ کلاس دھونکنی بن سکتی ہے۔ خدا معلوم وہ کیا کیا سوچتا تھا۔ ان دنوں در اصل ذہنی ورزش کر رہا تھا۔ یہ وہ تیاری تھی جو وہ اپنے منصوبوں کی تکمیل کیلیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔ اس نے ایڈیٹنگ بھی اسی طرح سیکھی۔ آس پاس کی ہر ننھی سے ننھی شے کا مطالعہ کیا ٗ اور آخر ایک دن اس نے اسٹوڈیو کی ایک فلم کی ایسی عمدہ ایڈیٹنگ کی کہ لوگ دنگ رہ گئے۔ سیٹھ نے سوچا۔ کہ اچھے کیمرہ مین تو مل جائیں گے مگر ایسا با کمال ایڈیٹر جو سیلو لائیڈ کے چھوٹے بڑے فیتے کے ٹکڑوں کو اس چابک دستی سے جوڑتا ہے کہ پھر اس میں مزید کتربیونت ہو ہی نہیں سکتی۔ چنانچہ ایڈیٹنگ ڈیپارٹ منٹ کاہیڈبنا دیا۔ تنخواہ اس کی وہی رہی جو بحیثیت کیمرہ مین تھی۔ وہ اپنا کام بڑی محنت اور تندہی سے کرتا رہا ٗ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ لیبارٹری سے بھی دلچسپی لیتا تھا۔ تھوڑی ہی دیر میں اُس نے اس کے کل پرزوں میں چند اصلاحات اور ترکیبیں پیش کیں جو بڑی ردّ و کد کے بعد قبول کر لی گئیں۔ نتیجہ دیکھا گیا تو بڑا حوصلہ افزا تھا۔ سیٹھ نے ایک دن سوچا

’’کیوں نہ گیلانی کو ایک فلم ڈائریکٹ کرنے کا موقع دیا جائے‘‘

جب اس سے پوچھا:

’’تم کوئی فلم ڈائریکٹ کر لو گے۔ ‘‘

تو اس نے بڑی خود اعتمادی سے جواب دیا:

’’ہاں سیٹھ۔ پر اس میں کوئی دخل نہ دے!‘‘

کہانی آدھی گیلانی نے خود بنائی۔ آدھی اِدھر اُدھر کے منشیوں سے لکھوائی اور اللہ کا نام لے کر شوٹنگ شروع کر دی۔ یہ فلم ختم ہوا اور نمائش کیلیے مقامی سینما ہاؤس میں پیش کیا گیا تو اس نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اس کے بعد اس نے لاہور میں دو فلم بنائے۔ یہ بھی سلور جوبلی ہٹ ثابت ہوئے۔ ایک کلکتہ جا کر پھر بنایا۔ وہ بھی کامیاب تھا۔ یہاں وہ بمبئی پہنچا۔ کیونکہ وہاں کے فلمسازوں نے بڑی تکڑی تکڑی آفریں بھیجی تھیں۔ چنانچہ ایک جگہ اس نے آفر قبول کر کے کنٹریکٹ پر دستخط کر دئیے اور کہانی

’’چن وے‘‘

کا منظر نامہ خود لکھا۔ فلم بن گیا۔ اور اتنا بڑا باکس آفس ثابت نہ ہوا۔ شاید اس لیے کہ بٹوارے کے باعث دوسرے شہروں کے مانند بمبئی میں بھی فرقہ وارانہ فسادات شروع ہو گئے جس طرح دوسرے مسلمان ہجرت کررہے تھے اس طرح گیلانی بھی بمبئی چھوڑ کر کراچی چلا گیا۔ یہاں سے وہ لاہور پہنچا اور ایک اسٹوڈیو کی داغ بیل رکھی۔ ساؤنڈ ریکارڈ سٹ سے لے کر کیلیں ٹھوکنے والے تک کو اس کی ذاتی نگرانی میں کام کرنا پڑتا تھا۔ قصّہ مختصر کہ اسٹوڈیو تیار ہو گیا۔ لاہور کے مسلمان ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے تھے۔ جب یہ اسٹوڈیو بنا تو ان کی جان میں جان آئی۔ چنانچہ یہاں شوٹنگ شروع ہو گئی۔ اس کے بعد یہ چل نکلا۔ گیلانی اس دوران میں اسٹیج اور اِدھر اُدھر کے متعلقہ سامان کو درست اور مرمت کرانے میں مشغول رہا اس کا دست راست لاہور ہی کا ایک نوجوان سراج دین تھا۔ جو قریب قریب آٹھ برس سے اس کے ساتھ تھا۔ نے کہا ٹائپ رائٹر کی دال لے کر کھا لو۔ اس کے بعد گیلانی نے خود میرے ٹائپ رائٹر کا معائنہ کیا اور فیصلہ صادر کر دیا کہ مشین میں کوئی نقص نہیں۔ مگر سراج اپنے تجربے کے بل بوتے پر مصر تھا۔

’’نہیں حضور۔ یہ اب مرمت طلب ہو چکی ہے۔ بڑے اور چھوٹے رولر سب نئے لگوانے پڑیں گے۔ اوور ہالنگ ہو گی۔ اس کا کتا بھی ناقص ہو چکا ہے ٗ وہ بھی پڑے گا۔ ‘‘

’’تمہاری ٹانگوں پر۔ ‘‘

’’آپ میرا مذاق نہ اُڑائیے۔ اچھا۔ خیر آپ ہی صحیح کہتے ہیں‘‘

یہ کہہ کر وہ اپنے گنجے سر پر ٹوپی درست کرتا ہوا چلا گیا۔ گیلانی نے اپنا خاص ٹول بکس منگوایا اور مشین کے سب پرزے الگ الگ کر کے رکھ دیے کوئی پرزہ پتھر پر گھسایا۔ کوئی ریگمال پر۔ کسی کے سریش لگائی۔ کسی کو تیل۔ اور ان کو دوبارہ فٹ کر کے فتح مندانہ انداز میں میری طرف دیکھا اور کہا:

’’کیوں صاحب ! ٹھیک ہو گئی یا نہیں۔ ‘‘

میں نے ایسے ہی کہہ دیا

’’ہاں ٗ اب ٹھیک ہے۔ ‘‘

گیلانی نے اپنے پاس کھڑے اسسٹنٹ کو بلایا:

’’جاؤ ٗ اس اُلو کے پٹھے ایکسپرٹ سراج کو بلا کر لاؤ۔ ‘‘

چند منٹ میں سراج حاضر ہو گیا۔ اس نے مشین چلائی تو دس پندرہ بار ٹپ ٹپ کرنے کے بعد ہی خاموش ہو گئی سراج نے گیلانی سے کچھ نہ کہا۔ تھوڑے وقفے کے بعد گیلانی بڑے تحکمانہ لہجے میں اس سے مخاطب ہوا

’’اچھا تم اسے بناؤ۔ دیکھیں تم کیا تیر مارتے ہو۔ ‘‘

مجھے اپنی پندرہ سالہ عزیز مشین کی اس درگت پر ترس آرہا تھا۔ مگر اب کیا ہوسکتا تھا۔ جب اس کے انجر پنجر ڈھیلے ہوئے میری آنکھوں کے سامنے پڑے تھے۔ دوسرے دن سراج نے اپنا ٹول بکس ریکارڈنگ میں سے منگوایا اور میری مشین پر اپنی ماہرانہ سرجری شروع کر دی۔ ضروری پرزے نکال کر اس نے علیحدہ رکھ لیے اور باقی حصّے پٹرول میں ڈال دیے اب ان کی چتا جلانے کیلیے صرف ماچس کی ایک تیلی ہی کافی تھی۔ میں خاموش رہا۔ یہ سب کچھ دیکھتا رہا۔ کتے کے جبڑوں کو ایک پلاس کے ساتھ زور سے پکڑا اور میری طرف کرتے ہوئے بولا:

’’لو دیکھ لو۔ میں نہ کہتا تھا۔ کتا کام نہیں کر رہا۔ اس کا تو سنترپنچ ہی خراب ہے۔ ‘‘

’’سنتر پنچ۔ ‘‘

’’ہاں۔ ‘‘

اور سراج ایک بار پھر اس کا سنتر پنچ ٹھیک کرنے لگا۔

سعادت حسن منٹو

سگریٹ اور فاؤنٹین پن

’’میرا پارکر ففٹی ون کا قلم کہاں گیا۔ ‘‘

’’جانے میری بلا۔ ‘‘

’’میں نے صبح دیکھا کہ تم اُس سے کسی کو خط لکھ رہی تھیں اب انکار کر رہی ہو‘‘

’’میں نے خط لکھا تھا مگر اب مجھے کیا معلوم کہ وہ کہاں غارت ہو گیا۔ ‘‘

’’یہاں تو آئے دن کوئی نہ کوئی چیز غارت ہو تی ہی رہتی ہے مینٹل پیس پر آج سے دس روز ہوئے میں نے اپنی گھڑی رکھی صرف اس لیے کہ میری کلائی پر چند پھنسیاں نکل آئی تھیں دوسرے دن دیکھا وہ غائب تھی۔ ‘‘

’’کیا میں نے چرا لی تھی۔ ‘‘

’’میں نے یہ کب کہا سوال تو یہ ہے کہ وہ گئی کہاں۔ تم اچھی طرح جانتی ہو کہ میں نے یہ گھڑی وہیں رکھی ہے اُس کے ساتھ ہی دس روپے آٹھ آنے تھے وہ تو رہے لیکن گھڑی جس کی قیمت دو سو پچھتر روپے تھی وہ غائب ہو گئی۔ تم پر میں نے چوری کا الزام کب لگایا۔ ؟‘‘

’’ایک گھڑی آپ کی پہلے بھی گم ہو گئی تھی۔ ‘‘

’’ہاں۔ ‘‘

’’میں تو یہ کہتی ہوں کہ آپ نے خود انھیں بیچ کھایا ہے‘‘

’’بیگم تم ایسی بے ہُودہ باتیں نہ کیا کرو مجھے وہ دونوں گھڑیاں بہت عزیز تھیں۔ جس کے علاوہ ان کو بیچنے کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا تھا تم جانتی ہو کہ میری آمدنی اللہ کے فضل سے کافی ہے بینک میں اس وقت میرے دس ہزار سے کچھ اُوپر روپے جمع ہیں گھڑیاں بیچنے کی ضرورت مجھے کیسے پیش آسکتی تھی۔ ‘‘

’’کسی دوست کو دے دی ہو گی‘‘

’’کیوں مجھے اِن کی ضرورت نہیں تھی۔ میں تو گھڑی کے بغیر رہ ہی نہیں سکتا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں ایسا چھکڑا ہوں جس میں کوئی پہیہ نہیں وقت کا کچھ پتہ نہیں چلتا گھر میں کلاک ہے مگر وہ تمہاری طرح نازک مزاج ہے ذرا موسم بدلے تو جناب بند ہو جاتے ہیں پھر جب موسم ان کے مزاج کے موافق ہو تو چلنا شروع کر دیتے ہیں۔ ‘‘

’’یعنی میں کلاک ہوں۔ ‘‘

’’میں نے صرف تشبیہ کے طور پر کہا تھا۔ کلاک تو بہت کام کی چیز ہے‘‘

’’اور میں کسی کام کی چیز نہیں۔ شرم نہیں آتی آپ کو ایسی باتیں کرتے۔ ‘‘

’’میں نے تو صرف مذاق کے طورپر یہ کہہ دیا تھا تم خواہ مخواہ ناراض ہو گئی ہو۔ ‘‘

’’میں آج تک کبھی آپ سے خواہ مخواہ ناراض ہوئی ہوں آپ خود ایسے موقعے دیتے ہیں کہ مجھے ناراض ہونا پڑتا ہے۔ ‘‘

’’تو چلیے اب صلح ہو جائے۔ ‘‘

’’صلح ولح کے متعلق میں کچھ نہیں جانتی ان برسوں میں آپ سے میں پندرہ ہزار مرتبہ صلح صفائی کر چکی ہوں مگر نتیجہ کیا نکلا ہے۔ وہی ڈھاک کے تین پات‘‘

’’ڈھاک کے تین پاتوں کو چھوڑو تم مجھے میرا پارکر قلم لا کے دے دو مجھے چند بڑے ضروری خط لکھنے ہیں۔ ‘‘

’’مجھے کیا پتہ ہے کہ وہ کہاں ہے؟ لے گیا ہو گا کوئی اُٹھا کر۔ اب میں ہر چیزکا دھیان تونہیں رکھ سکتی۔ ‘‘

’’تو پھر تم کس مرض کی دوا ہو‘‘

’’میں نہیں جانتی لیکن اتنا ضرور جانتی ہوں کہ آپ میری زندگی کا سب سے بڑا روگ ہیں‘‘

’’تو یہ روگ دُور کرو ہر روگ کا کوئی نہ کوئی علاج موجود ہوتا ہے‘‘

’’خدا ہی بہتر کرے گا یہ روگ یہ کسی حکیم یا ڈاکٹر سے دُور ہونیوالا نہیں‘‘

’’اگر تمہاری یہی خواہش ہے کہ مرجاؤں تو میں اس کے لیے تیار ہوں میرے پاس اتفاق سے اس وقت قاتل زہر موجود ہے میں کھا کر مر جاتا ہوں۔ ‘‘

’’مر جائیے۔ ‘‘

’’اِس کے لیے تو میں تیار ہوں تاکہ روز روز کی بک بک اور جھک جھک ختم ہو جائے۔ ‘‘

’’آپ تو چاہتے ہیں کہ اپنے فرائض سے چھٹکارا ملے۔ بیوی بچے جائیں بھاڑ میں آپ آرام سے قبر میں سوتے رہیں لیکن میں آپ سے کہے دیتی ہوں کہ وہاں کا عذاب یہاں کے عذاب سے ہزار گنا زیادہ ہو گا۔ ‘‘

’’ہوا کرے۔ میں نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر قائم ہوں۔ ‘‘

’’آپ کبھی اپنے فیصلے پر قائم نہیں رہے‘‘

’’یہ سب جھوٹ ہے میں جب کوئی فیصلہ کرتا ہوں تو اس پر قائم رہتا ہوں ابھی پچھلے دنوں میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں سگریٹ نہیں پیوں گا چنانچہ اب تک اس پر قائم ہوں۔ ‘‘

’’پاخانے میں سگریٹ کے ٹکڑے کہاں سے آتے ہیں۔ ‘‘

’’مجھے کیا معلوم۔ تم پیتی ہو گی۔ ‘‘

’’میں مجھے تو اس چیز سے سخت نفرت ہے‘‘

’’ہو گی مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر پاخانہ بھی کوئی ایسی معقول جگہ ہے جہاں پرسگریٹ پیے جائیں۔ ‘‘

’’چوری چھپے جو پینا ہوا پاخانے کے علاوہ اور موزوں و مناسب جگہ کیا ہوسکتی ہے آپ میرے ساتھ فراڈ نہیں کرسکتے۔ میں آپ کی رگ رگ کو پہچانتی ہوں۔ ‘‘

’’یہ تم نے مجھ سے آج ہی کہا کہ میں پاخانے میں چھپ چھپ کر سگریٹ پیتا ہوں‘‘

’’میں نے اس لیے اس کا ذکر آپ سے نہیں کیا تھا۔ آپ چونکہ تمباکو کے عادی ہو چکے ہیں اس لیے سگریٹ نوشی آپ ترک نہیں کرسکتے لیکن یہ بہر حال بہتر ہے کہ آپ دو ایک سگریٹ دن میں پی لیتے ہیں جہاں آپ پچاس کے قریب پھونکتے تھے۔ ‘‘

’’میں نے ڈھائی برس میں ایک سگریٹ بھی نہیں پیا۔ بھنگی پیتا ہو گا۔ ‘‘

’’بھنگی گولڈ فلیک اور کریون اے نہیں پی سکتا۔ ‘‘

’’حیرت ہے‘‘

’’کس بات کی۔ حیرت تو مجھے ہے کہ آپ صاف انکار کر رہے ہیں مجھے بنا رہے ہیں‘‘

’’نہیں میں سوچ رہا ہوں کہ یہ سگریٹ وہاں کون پیتا ہے‘‘

’’آپ کے سوا اور کون پی سکتا ہے مجھے تو اس کے دُھوئیں سے کھانسی ہو جاتی ہے مجھے تو اس سے سخت نفرت ہے معلوم آپ لوگ کس طرح دُھواں اپنے اندر کھینچتے ہو۔ ‘‘

’’خیر اس کو چھوڑو۔ میرا پار کر قلم مجھے دو۔ ‘‘

’’میرے پاس نہیں ہے‘‘

’’تمہارے پاس نہیں ہے تو کیا میرے پاس ہے آج صبح تم خدا معلوم کسے خط لکھ رہی تھیں تمہاری انگلیوں میں میرا ہی قلم تھا۔ ‘‘

’’تھا۔ لیکن مجھے کیا معلوم کہاں گیا۔ میں نے آپ کے میز پر رکھا ہو گا۔ اور آپ نے اُٹھا کر کسی دوست کو دے دیا ہو گا۔ آپ ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں۔ ‘‘

’’دیکھو بیگم میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ قلم میں نے کسی دوست کو نہیں دیا ہو سکتا ہے کہ تم نے اپنی کسی سہیلی کو دے دیا ہو‘‘

’’میں کیوں اتنی قیمتی چیز کسی سہیلی کو دینے لگی۔ وہ تو آپ ہیں کہ ہزاروں اپنے دوستوں میں لُٹا دیتے ہیں۔ ‘‘

’’اب سوال یہ ہے کہ وہ قلم ہے کہاں مجھے چند ضروری خط لکھنے ہیں جاؤ میری جان ذرا تھوڑی سی تکلیف کرو ممکن ہے ڈھونڈنے سے مل جائے۔ ‘‘

’’نہیں ملے گا۔ آپ فضول مجھے تکلیف دینا چاہتے ہیں‘‘

’’تو ایسا کرو دوات اور پن ہولڈر لے آؤ۔ ‘‘

’’دوات تو صبح آپ کی بچی نے توڑ دی پن ہولڈر بھانجے کے بیٹے نے‘‘

’’اتنے پن ہولڈر تھے کہاں گئے۔ ‘‘

’’آپ ہی استعمال کرتے ہیں‘‘

’’میں نے آج تک پن ہولڈر کبھی استعمال نہیں کیا کبھی کبھی تم کیا کرتی ہو۔ ‘‘

’’آپ کی بچیاں آفت کی پتلیاں ہیں وہی توڑ پھوڑ کے پھینک دیتی ہوں گی۔ ‘‘

’’تم دھیان کیوں نہیں دیتیں‘‘

’’کس کس چیز کا دھیان رکھوں مجھے گھر کے کام کاج سے فرصت نہیں ہے‘‘

’’اسی لیے تو میری دو گھڑیاں غائب ہو گئیں۔ جب دیکھو لیٹی رہتی ہو۔ خدا معلوم گھر کا کام کاج لیٹے لیٹے کرتی ہو۔ ‘‘

’’گھر کا سارا کام تو آپ کرتے ہیں‘‘

’’میں اس کا دعوےٰ نہیں کرتا بہر حال جو کچھ میں کرسکتا ہوں کرتا رہتا ہوں‘‘

’’کیا کرتے ہیں آپ؟‘‘

’’ہفتے میں ایک دو دفعہ مارکیٹ جاتا ہوں مرغی اور مچھلی خرید کر لاتا ہوں انڈے بھی کوئلے کا پرمٹ بھی حاصل کرتا ہوں گھی کا بندوبست کرتا ہوں اب میں اور کیا کرسکتا ہوں۔ ‘‘

’’مصروف آدمی ہوں دفتر میں جاتا ہوں وہاں نہ جاؤں تو مہینہ ختم ہونے کے بعد سات سو روپے کیسے آسکتے ہیں۔ ‘‘

’’ان سات سو روپوں میں سے آپ مجھے کتنے دیتے ہیں‘‘

’’پورے سات سو روپے‘‘

’’ٹھیک ہے لیکن آپ اپنا گزارہ کس طرح کرتے ہیں۔ ؟‘‘

’’اللہ بہتر جانتا ہے‘‘

’’رشوت لیتے ہیں اور کیا ورنہ ساری تنخواہ مجھے دینے کے بعد آپ پانچ سو پچپن کے سگریٹ نہیں پی سکتے۔ ‘‘

’’میں نے سگریٹ پینے ترک کر دیے ہیں‘‘

’’آپ جھوٹ کیوں بولتے ہیں۔ ‘‘

’’میں بحث نہیں کرنا چاہتا۔ تم میرا پارکر قلم ذرا ڈھونڈ کے نکالو‘‘

’’میں آپ سے کہہ چکی ہوں کہ میرے پاس نہیں ہے۔ ‘‘

’’تو اور کس کے پاس ہے‘‘

’’مجھے کیا معلوم میں نے صبح خط لکھ کر سینٹل پیس پر رکھ دیا۔ ‘‘

’’وہاں تو اس کا نام و نشان نہیں‘‘

’’آپ نے کسی دوست کو بخش دیا ہو گا۔ گیارہ بجے آپ کے چند دوست آئے تھے۔ ‘‘

’’میرے دوست کہاں تھے۔ صرف ملاقات کرنے آئے تھے۔ میں تو ان کا نام بھی نہیں جانتا۔ ‘‘

’’میرا نام بھی آپ بھول گئے ہوں گے بتائیے کیا ہے۔ ‘‘

’’تمہارا نام۔ لیکن بتانے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ تم۔ تم ہو۔ بس۔ ؟‘‘

’’ان پندرہ برسوں میں آپ کو میرا نام بھی یاد نہیں رہا میری سمجھ میں نہیں آتا آپ کس قسم کے انسان ہیں۔ ‘‘

’’قسمیں پوچھو گی تو حیران رہ جاؤ گی ایک کروڑ سے زیادہ ہوں گی اب جاؤ میرا قلم ڈھونڈو۔ ‘‘

’’میں نہیں جانتی کہاں ہے۔ ‘‘

’’یہ قمیص تم نے نئی سلوائی ہے‘‘

’’ہاں۔ ‘‘

’’گریبان بہت خوبصورت ہے ارے یہ اس میں تو میرا قلم اٹکا ہوا ہے‘‘

’’سچ میں نے یہاں اُڑس لیا ہو گا۔ معاف کیجیے گا۔ ‘‘

’’ٹھہرو میں خود نکال لیتا ہوں۔ ممکن ہے تم قمیص پھاڑ ڈالو‘‘

’’یہ کیا گرا ہے‘‘

’’یہ کیا ہے۔ ارے یہ تو پانچ سو پچپن سگرٹوں کا ڈبہ ہے کہاں سے آگیا ہے۔ ‘‘

سعادت حسن منٹو

سرکنڈوں کے پیچھے

کون سا شہر تھا، اس کے متعلق جہاں تک میں سمجھتا ہوں، آپ کو معلوم کرنے اور مجھے بتانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ بس اتنا ہی کہہ دینا کافی ہے کہ وہ جگہ جو اس کہانی سے متعلق ہے، پشاور کے مضافات میں تھی۔ سرحد کے قریب۔ اور جہاں وہ عورت تھی، اس کا گھر جھونپڑا نما تھا۔ سرکنڈوں کے پیچھے۔ گھنی باڑھ تھی، جس کے پیچھے اس عورت کا مکان تھا، کچی مٹی کا بنا ہوا، چونکہ یہ باڑھ سے کچھ فاصلے پر تھا، اس لیے سرکنڈوں کے پیچھے چھپ سا گیا تھا کہ باہر کچی سڑک پر سے گزرنے والا کوئی بھی اسے دیکھ نہیں سکتا تھا۔ سرکنڈے بالکل سوکھے ہوئے تھے مگر وہ کچھ اس طرح زمین میں گڑے ہوئے تھے کہ ایک دبیز پردہ بن گئے تھے۔ معلوم نہیں اس عور ت نے خود وہاں پیوست کیے تھے یا پہلے ہی سے موجود تھے۔ بہر حال، کہنا یہ ہے کہ وہ آہنی قسم کے پردہ پوش تھے۔ مکان کہہ لیجئے یا مٹی کا جھونپڑا، صرف چھوٹی چھوٹی تین کوٹھڑیاں تھیں۔ مگر صاف ستھری۔ سامان مختصر تھا مگر اچھا۔ پچھلے کمرے میں ایک بہت بڑا نواڑی پلنگ تھا۔ اس کے ساتھ ایک طاقچہ تھا جس میں سرسوں کے تیل کا دیا رات بھر جلتا رہتا تھا۔ مگر یہ طاقچہ بھی صاف ستھرا رہتا تھا۔ اور وہ دیا بھی جس میں ہر روز نیا تیل اور بتی ڈالی جاتی تھی۔ اب میں آپ کو اس عورت کا نام بتادوں جو اس مختصر سے مکان میں جو سرکنڈوں کے پیچھے چھپا ہوا تھا، اپنی جوان بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔ مختلف روایتی ہیں۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ وہ اس کی بیٹی نہیں تھی۔ ایک یتیم لڑکی تھی جس کو اس نے بچپن سے گود لے کرپال پوس کر بڑا کیا تھا۔ بعض کہتے ہیں کہ اس کی ناجائز لڑکی تھی۔ کچھ ایسے بھی ہیں جن کا خیال ہے کہ وہ اس کی سگی بیٹی تھی۔ حقیقت جو کچھ بھی ہے، اس کے متعلق وثوق سے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ یہ کہانی پڑھنے کے بعد آپ خودبخود کوئی نہ کوئی رائے قائم کرلیجئے گا۔ دیکھیے، میں آپ کو اس عورت کا نام بتانا بھول گیا۔ بات اصل میں یہ ہے کہ اس کا نام کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ اس کا نام آپ کچھ بھی سمجھ لیجیے، سکینہ، مہتاب، گلشن یا کوئی اور۔ آخر نام میں کیا رکھا ہے لیکن آپ کی سہولت کی خاطر میں اسے سردار کہوں گا۔ یہ سردار، ادھیڑ عمر کی عورت تھی۔ کسی زمانے میں یقیناخوبصورت تھی۔ اس کے سرخ و سفید گالوں پر گو کسی قدر جھریاں پڑ گئی تھیں، مگر پھر بھی وہ اپنی عمر سے کئی برس چھوٹی دکھائی دیتی تھی۔ مگر ہمیں اس کے گالوں سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کی بیٹی، معلوم نہیں وہ اس کی بیٹی تھی یا نہیں، شباب کا بڑا دلکش نمونہ تھی۔ اس کے خدوخال میں ایسی کوئی چیز نہیں تھی جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکے کہ وہ فاحشہ ہے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس کی ماں اس سے پیشہ کراتی تھی اور خوب دولت کما رہی تھی۔ اور یہ بھی حقیقت ہے کہ اس لڑکی کو جس کا نام پھر آپ کی سہولت کی خاطر نواب رکھے دیتا ہوں، کو اس پیشے سے نفرت نہیں تھی۔ اصل میں اس نے آبادی سے دور ایک ایسے مقام پر پرورش پائی تھی کہ اس کو صحیح ازدواجی زندگی کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ جب سردار نے اس سے پہلا مرد بستر پر۔ نواڑی پلنگ پر متعارف کروایا تو غالباً اس نے یہ سمجھا کہ تمام لڑکیوں کی جوانی کا آغاز کچھ اسی طرح ہوتا ہے۔ چنانچہ وہ اپنی اس کسبیانہ زندگی سے مانوس ہو گئی تھی اور وہ مرد جو دور دور سے چل کر اس کے پاس آتے تھے اور اس کے ساتھ اس بڑے نواڑی پلنگ پر لیٹتے تھے، اس نے سمجھا تھا کہ یہی اس کی زندگی کا منتہیٰ ہے۔ یوں تو وہ ہر لحاظ سے ایک فاحشہ عورت تھی، ان معنوں میں جن میں ہماری شریف اور مطہر عورتیں ایسی عورتوں کو دیکھتی ہیں، مگر سچ پوچھیے تو اس امر کا قطعاً احساس نہ تھا کہ وہ گناہ کی زندگی بسر کررہی ہے۔ وہ اسکے متعلق غور بھی کیسے کرسکتی تھی جب کہ اس کو اس کا موقع ہی نہیں ملا تھا۔ اس کے جسم میں خلوص تھا۔ وہ ہر مرد کو جو اس کے پاس ہفتے ڈیڑھ ہفتے کے بعد طویل مسافت طے کرکے آتا تھا، اپنا آپ سپرد کردیتی تھی، اس لیے کہ وہ یہ سمجھتی تھی کہ ہر عورت کا یہی کام ہے۔ اور وہ اس مرد کی ہر آسائش اس کے ہر آرام کا خیال رکھتی تھی۔ وہ اس کی کوئی ننھی سی تکلیف بھی برداشت نہیں کرسکتی تھی۔ اس کو شہر کے لوگوں کے تکلفات کا علم نہیں تھا۔ وہ یہ قطعاً نہیں جانتی تھی کہ جو مرد اس کے پاس آتے ہیں، صبح سویرے اپنے دانت برش کے ساتھ صاف کرنے کے عادی ہیں اور آنکھیں کھول کر سب سے پہلے بستر میں چائے کی پیالی پیتے ہیں، پھر رفع حاجت کے لیے جاتے ہیں، مگر اس نے آہستہ آہستہ بڑے الہڑ طریقے پر ان مردوں کی عادات سے کچھ واقفیت حاصل کرلی تھی۔ پر اسے بڑی الجھن ہوتی تھی کہ سب مرد ایک طرح کے نہیں ہوتے تھے۔ کوئی صبح سویرے اٹھ کر سگریٹ مانگتا تھا، کوئی چائے اور بعض ایسے بھی ہوتے جو اٹھنے کا نام ہی نہیں لیتے تھے۔ کچھ ساری رات جاگتے رہتے اور صبح موٹر میں سوار ہو کر بھاگ جاتے تھے۔ سردار بے فکر تھی۔ اس کو اپنی بیٹی پر، یا جو کچھ بھی وہ تھی، پورا اعتماد تھا کہ وہ اپنے گاہکوں کو سنبھال سکتی ہے، اس لیے وہ افیم کی ایک گولی کھا کرکھاٹ پر سوئی رہتی تھی۔ کبھی کبھار جب اس کی ضرورت پڑتی۔ مثال کے طور پر جب کسی گاہک کی طبیعت زیادہ شراب پینے کے باعث یکدم خراب ہوئے تو وہ غنودگی کے عالم میں اٹھ کر نواب کو ہدایات دے دیتی تھی کہ اس کو اچار کھلادے یا کوشش کرے کہ وہ نمک ملا گرم گرم پانی پلا کر قے کرادے اور بعد میں تھپکیاں دے کر سلا دے۔ سردار اس معاملے میں بڑی محتاط تھی کہ جونہی گاہک آتا، وہ اس سے نواب کی فیس پہلے وصول کرکے اپنے نیفے میں محفوظ کرلیتی تھی اور اپنے مخصوص انداز میں دعائیں دے کر کہ تم آرام سے جھولے جھولے، افیم کی ایک گولی ڈبیا میں سے نکال کر منہ میں ڈال کر سو جاتی۔ جو روپیہ آتا، اس کی مالک سردار تھی۔ لیکن جو تحفے تحائف وصول ہوتے، وہ نواب ہی کے پاس رہتے تھے۔ چونکہ اس کے پاس آنے والے لوگ دولت مند ہوتے، اس لیے وہ بڑھیا کپڑا پہنتی اور قسم قسم کے پھل اور مٹھائیاں کھاتی تھی۔ وہ خوش تھی۔ مٹی سے لپے پتے اس مکان میں جو صرف تین چھوٹی چھوٹی کوٹھڑیوں پر مشتمل تھا۔ وہ اپنی دانست کے مطابق بڑی دلچسپ اور خوشگوار زندگی بسر کررہی تھی۔ ایک فوجی افسر نے اسے گرامو فون اور بہت سے ریکارڈلا دیے تھے۔ فرصت کے اوقات میں وہ ان کو بجا بجا کر فلمی گانے سنتی اور ان کی نقل اتارنے کی کوشش کیا کرتی تھی۔ اس کے گلے میں کوئی رس نہیں تھا۔ مگر شاید وہ اس سے بے خبر تھی۔ سچ پوچھیے تو اس کو کسی بات کی خبر بھی نہیں تھی اور نہ اس کو اس بات کی خواہش تھی کہ وہ کسی چیز سے باخبر ہو۔ جس راستے پر وہ ڈال دی گئی تھی، اس کو اس نے قبول کرلیا تھا۔ بڑی بے خبری کے عالم میں۔ سرکنڈوں کے اس پار کی دنیا کیسی ہے، اس کے متعلق وہ کچھ نہیں جانتی تھی سوائے اس کہ ایک کچی سڑک ہے جس پر ہر دوسرے تیسرے دن ایک موٹر دھول اڑاتی ہوئی آتی ہے اور رک جاتی ہے۔ ہارن بجتا ہے۔ اس کی ماں یا جو کوئی بھی وہ تھی، کھٹیا سے اٹھتی ہے اور سرکنڈوں کے پاس جا کر موٹر والے سے کہتی ہے کہ موٹر ذرا دور کھڑی کرکے اندر آ جائے۔ اور وہ اندر آجاتا ہے اور نواڑی پلنگ پر اس کے ساتھ بیٹھ کر میٹھی میٹھی باتوں میں مشغول ہو جاتا ہے۔ اس کے ہاں آنے جانے والوں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔ یہی پانچ چھ ہوں گے مگر یہ پانچ چھ مستقل گاہک تھے اور سردار نے کچھ ایسا انتظام کر رکھا تھا کہ ان کا باہم تصادم نہ ہو۔ بڑی ہوشیار عورت تھی۔ وہ ہر گاہک کے لیے خاص دن مقرر کردیتی، اور ایسے سلیقے سے کہ کسی کو شکایت کا موقع نہ ملتاتھا۔ اس کے علاوہ ضرورت کے وقت وہ اس کا بھی انتظام کرتی رہتی کہ نواب ماں نہ بن جائے۔ جن حالات میں نواب اپنی زندگی گزار رہی تھی، ان میں اس کا ماں بن جانا یقینی تھا۔ مگر سردار دو ڈھائی برس سے بڑی کامیابی کے ساتھ اس قدرتی خطرے سے نبٹ رہی تھی۔ سرکنڈوں کے پیچھے یہ سلسلہ دو ڈھائی برس سے بڑے ہموار طریقے پر چل رہا تھا۔ پولیس والوں کو بالکل علم نہیں تھا۔ بس صرف وہی لوگ جانتے تھے جو وہاں آتے تھے۔ یا پھر سردار اور اس کی بیٹی نواب، یا جو کوئی بھی وہ تھی۔ سرکنڈوں کے پیچھے، ایک دن مٹی کے اس مکان میں ایک انقلاب برپا ہو گیا۔ ایک بہت بڑی موٹر جو غالباً ڈوج تھی وہاں آکے رکی۔ ہارن بجا۔ سردار باہر آئی تو اس نے دیکھا کوئی اجنبی ہے۔ اس نے اس سے کوئی بات نہ کی۔ اجنبی نے بھی اس سے کچھ نہ کہا۔ موٹر دور کھڑی کرکے وہ اترا اور سیدھا ان کے گھر میں گھس گیا جیسے برسوں کا آنے جانے والا ہو۔ سردار بہت سٹپٹائی، لیکن دروازے کی دہلیز پر نواب نے اس اجنبی کا بڑی پیاری مسکراہٹ سے خیر مقدم کیا اور اسے اس کمرے میں لے گئی جس میں نواڑی پلنگ تھا۔ دونوں اس پر ساتھ ساتھ بیٹھے ہی تھے کہ سردار آگئی۔ ہوشیار عورت تھی۔ اس نے دیکھا کہ اجنبی کسی دولت مند گھرانے کا آدمی ہے۔ خوش شکل ہے، صحت مند ہے۔ اس نے اندر کوٹھڑی میں داخل ہو کر سلام کیا اور پوچھا۔

’’آپکو ادھر کاراستہ کس نے بتایا؟‘‘

اجنبی مسکرایا اور بڑے پیار سے نواب کے گوشت بھرے گالوں میں اپنی انگلی چبھو کرکہا۔

’’اس نے؟‘‘

نواب تڑپ کر ایک طرف ہٹ گئی، ایک ادا کے ساتھ کہا۔

’’ہائیں۔ میں تو کبھی تم سے ملی بھی نہیں؟‘‘

اجنبی کی مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر اور زیادہ پھیل گئی۔

’’ہم تو کئی بار تم سے مل چکے ہیں۔ ‘‘

نواب نے پوچھا۔

’’کہاں۔ کب؟‘‘

حیرت کے عالم میں اس کا چھوٹا سا منہ کچھ اس طور پر وا ہوا کہ اس کے چہرے کی دلکشی میں اضافے کا موجب ہو گیا۔ اجنبی نے اس کا گدگدا ہاتھ پکڑ لیا اور سردار کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔

’’تم یہ باتیں ابھی نہیں سمجھ سکتیں۔ اپنی ماں سے پوچھو۔ ‘‘

نواب نے بڑے بھول پن کے ساتھ اپنی ماں سے پوچھا کہ یہ شخص اس سے کب اور کہاں ملا تھا۔ سردار سارا معاملہ سمجھ گئی کہ وہ لوگ جو اس کے یہاں آتے ہیں، ان میں سے کسی نے اس کے ساتھ نواب کا ذکر کیا ہو گا اور سارا اتا پتا بتا دیا ہو گا چنانچہ اس نے نواب سے کہا۔

’’میں بتادوں گی تمہیں۔ ‘‘

اور یہ کہہ کروہ باہر چلی گئی۔ کھٹیا پر بیٹھ کر اس نے ڈبیا میں سے افیم کی گولی نکالی اور لیٹ گئی۔ وہ مطمئن تھی کہ آدمی اچھا ہے گڑ بڑ نہیں کرے گا۔ وثوق سے اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، لیکن اغلب یہی ہے کہ اجنبی جس کا نام ہیبت خان تھا اور ضلع ہزارہ کا بہت بڑارئیس تھا، نواب کے الہڑ پن سے اس قدر متاثر ہوا کہ اس نے رخصت ہوتے وقت سردار سے کہا کہ آئندہ نواب کے پاس اور کوئی نہ آیا کرے۔ سردار ہوشیار عورت تھی۔ اس نے ہیبت خان سے کہا۔

’’خان صاحب! یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ کیا آپ اتنا روپیہ دے سکیں گے کہ۔ ‘‘

ہیبت خان نے سردار کی بات کاٹ کر جیب میں ہاتھ اور سو سو کے نوٹوں کی ایک موٹی گڈی نکالی اور نواب کے قدموں میں پھینک دی۔ پھر اس نے اپنی ہیرے کی انگوٹھی انگلی سے نکالی اور نواب کو پہنا کر تیزی سے سرکنڈوں کے اس پار چلا گیا۔ نواب نے نوٹوں کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھا۔ بس دیر تک اپنی سجی ہوئی انگلی کودیکھتی رہی جس پر کافی بڑے ہیرے سے رنگ رنگ کی شعاعیں پھوٹ رہی تھیں۔ موٹر اسٹارٹ ہوئی اور دھول اڑاتی چلی گئی۔ اس کے بعد وہ چونکی اور سرکنڈوں کے پاس آئی، مگر اب گردوغبار کے سوا سڑک پر کچھ نہ تھا۔ سردار نوٹوں کی گڈی اٹھا کر انھیں گن چکی تھی۔ ایک نوٹ اور ہوتا تو پورے دو ہزار تھے۔ مگر اس کو اس کا افسوس نہیں تھا۔ سارے نوٹ اس نے اپنی گھیرے دار شلوے کے نیفے میں بڑی صفائی سے اڑسے اور نواب کو چھوڑ کر اپنی کھٹیا کی طرف بڑھی اور ڈبیا میں سے افیم کی ایک بڑی گولی نکال کر اس نے منہ میں ڈالی اور بڑے اطمینان سے لیٹ گئی اور دیر تک سوتی رہی۔ نواب بہت خوش تھی۔ بار بار اپنی اس انگلی کو دیکھتی تھی جس پر ہیرے کی انگوٹھی تھی۔ تین چار روز گزرگئے۔ اس دوران میں اس کا ایک پرانا گاہک آیا جس سے سردار نے کہہ دیا کہ پولیس کا خطرہ ہے، اس لیے اس نے یہ دھندہ بند کردیا ہے۔ یہ گاہک جو خاصا دولت مند تھا، بے نیل و مرام واپس چلا گیا۔ سردار کو ہیبت خان نے بہت متاثر کیا تھا۔ اس نے افیم کھا کر پینک کے عالم میں سوچا تھا کہ اگر آمدن اتنی ہی رہے جتنی کہ پہلے تھی اور آدمی صرف ایک ہوتو بہت اچھا ہے۔ چنانچہ اس نے فیصلہ کرلیا تھا کہ باقیوں کو آہستہ آہستہ یہ کہہ کرٹرخا دے گی کہ پولیس والے اس کے یپچھے ہیں اور یہ نہیں دیکھ سکتی کہ ان کی عزت خطرے میں پڑے۔ ہیبت خان ایک ہفتے کے بعد نمودار ہوا۔ اس دوران میں سردار دو گاہکوں کو منع کر چکی تھی کہ وہ اب ادھر کا رخ نہ کریں۔ وہ اسی شان سے آیا جس شان سے پہلے روز آیا تھا۔ آتے ہی اس نے نواب کو اپنی چھاتی کے ساتھ بھینچ لیا۔ سردار نے اس سے کوئی بات نہ کی۔ نواب اسے۔ بلکہ یوں کہیے کہ ہیبت خان اسے اس کوٹھڑی میں لے گیا جہاں نواڑی پلنگ تھا۔ اب کے سردار اندر نہ آئی اور اپنی کھٹیا پر افیم کی گولی کھا کر اونگھتی رہی۔ ہیبت خان بہت محظوظ ہوا۔ اس کو نواب کا الہڑ پن اور بھی زیادہ پسند آیا۔ وہ پیشہ ور رنڈیوں کے چلتروں سے قطعاً ناواقف تھی۔ اس میں وہ گھریلو پن بھی نہیں تھا جو عام عورتوں میں ہوتا ہے۔ اس میں کوئی ایسی بات تھی جو خود اس کی اپنی تھی۔ دوسروں سے مختلف۔ وہ بستر میں اس کے ساتھ اس طرح لیٹتی تھی، جس طرح بچہ اپنی ماں کے ساتھ لیٹتا ہے۔ اس کی چھاتیوں پر ہاتھ پھیرتا ہے۔ اس کی ناک کے نتھنوں میں انگلیاں ڈالتا ہے، اس کے بال نوچنا ہے اور پھر آہستہ آہستہ سو جاتا ہے۔ ہیبت خان کے لیے یہ ایک نیا تجربہ تھا۔ اس کے لیے عورت کی یہ قسم بالکل نرالی، دلچسپ اور فرحت بخش تھی۔ وہ اب ہفتے میں دوبار آنے لگا تھا۔ نواب اس کے لیے ایک بے پناہ کشش بن گئی تھی۔ سردار خوش تھی کہ اس کے نیفے میں اڑسنے کے لیے کافی نوٹ مل جاتے ہیں۔ لیکن نواب اپنے الہڑ پن کے باوجود بعض اوقاس سوچتی تھی کہ ہیبت خان ڈرا ڈرا سا کیوں رہتا ہے۔ اگر کچی سڑک پر سے، سرکنڈوں کے اس پار کوئی لاری یا موٹر گزرتی ہے تو وہ کیوں سہم جاتا ہے۔ کیوں اس سے الگ ہو کرباہر نکل جاتا ہے اور چھپ چھپ کر دیکھتا ہے کہ کون تھا۔ ایک رات بارہ بجے کے قریب سڑک پرسے کوئی لاری گزری۔ ہیبت خان اور نواب دونوں ایک دوسرے سے گتھے ہوئے سورہے تھے کہ ایک دم ہیبت خان بڑے زور سے کانپا اور اٹھ کر بیٹھ گیا۔ نواب کی نیند بڑی ہلکی تھی۔ وہ کانپا تو وہ سر سے پیر تک یوں لرزی جیسے اس کے اندر زلزلہ آگیا ہے۔ چیخ کر اس نے پوچھا۔

’’کیا ہوا؟‘‘

ہیبت خان اب کسی قدر سنبھل چکا تھا۔ اس نے خود کو اور زیادہ سنبھال کر اس سے کہا۔

’’کوئی بات نہیں۔ میں۔ میں شاید خواب میں ڈرگیا تھا۔ ‘‘

لاری کی آواز دور سے رات کی خاموشی میں ابھی تک آرہی تھی۔ نواب نے اس سے کہا۔

’’نہیں خان۔ کوئی اور بات ہے۔ جب بھی کوئی موٹر یا لاری سڑک پر سے گزرتی ہے، تمہاری یہی حالت ہوتی ہے۔ ‘‘

ہیبت خان کی شاید یہ دکھتی رگ تھی جس پر نواب نے ہاتھ رکھ دیا تھا۔ اس نے اپنا مردانہ وقار قائم رکھنے کے لیے بڑے تیز لہجے میں کہا۔

’’بکتی ہو تم۔ موٹروں اور لاریوں سے ڈرنے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟‘‘

نواب کا دل بہت نازک تھا۔ ہیبت خان کے تیزلہجے سے اس کو ٹھیس لگی اور اس نے بلک بلک کر رونا شروع کردیا۔ ہیبت خان نے جب اس کو چپ کرایا تووہ اپنی زندگی کے ایک لطیف ترین خط سے آشنا ہوا اور اس کا جسم نواب کے جسم سے اور زیادہ قریب ہو گیا۔ ہیبت خان اچھے قد کاٹھ کا آدمی تھا۔ اس کا جسم گٹھا ہوا تھا۔ خوبصورت تھا۔ اس کی بانھوں میں نواب نے پہلی بار بڑی پیاری حرارت محسوس کی تھی۔ اس کو جسمانی لذت کی الف بے اسی نے سکھائی تھی۔ وہ اس سے محبت کرنے لگی تھی۔ یوں کہیے کہ وہ شے جو محبت ہوتی ہے، اس کے معانی اب اس پر آشکار ہورہے تھے۔ وہ اگر ایک ہفتہ غائب رہتا تو نواب گراموفون پر دردیلے گیتوں کے ریکارڈ لگا کر خود ان کے ساتھ گاتی اور آہیں بھرتی تھی۔ مگر اس کو اس بات کی بڑی الجھن تھی کہ ہیبت خان موٹروں کی آمدورفت سے کیوں گھبراتا ہے۔ مہینوں گزر گئے۔ نواب کی سپردگی اور اس کے التفات میں اضافہ ہوتا گیا۔ مگر ادھر اس کی الجھن بڑھتی گئی کہ اب ہیبت خان چند گھنٹوں کے لیے آتا اور افراتفری کے عالم میں واپس چلا جاتا تھا۔ نواب محسوس کررہی تھی کہ یہ سب کسی مجبوری کی وجہ سے ہے، ورنہ ہیبت خان کا جی چاہتا ہے کہ وہ زیادہ دیر ٹھہرے۔ اس نے کئی مرتبہ اس سے اس بارے میں پوچھا۔

’’مگر وہ گول کرگیا۔ ایک دن صبح سویرے اس کی ڈوج سرکنڈوں کے پار رکی۔ نواب سو رہی تھی۔ ہارن بجا تو چونک کر اٹھی۔ آنکھیں ملتی ملتی باہر آئی۔ اس وقت تک ہیبت خان اپنی موٹر دور کھڑی کرکے مکان کے پاس پہنچ چکا تھا۔ نواب دوڑ کر اس سے لپٹ گئی۔ وہ اسے اٹھا کر اندر کمرے میں لے گیا جہاں نواڑ کا پلنگ تھا۔ دیر تک دونوں باتیں کرتے رہے۔ پیار محبت کی باتیں۔ معلوم نہیں نواب کے دل میں کیا آئی کہ اس نے اپنی زندگی کی پہلی فرمائش کی۔

’’خان۔ مجھے سونے کے کڑے لادو۔ ‘‘

ہیبت خان نے اس کی موٹی موٹی گوشت بھری سرخ و سفید کلائیوں کو کئی مرتبہ چوما اور کہا۔

’’کل ہی آجائیں گے۔ تمہارے لیے تو میری جان بھی حاضر ہے۔ ‘‘

نواب نے ایک ادا کے ساتھ، مگر اپنے مخصوص الہڑ انداز میں کہا۔

’’خان صاحب۔ جانے دیجیے۔ جان تو مجھے ہی دینی پڑے گی۔ ‘‘

ہیبت خان یہ سن کر کئی بار اس کے صدقے ہوا۔ اور بڑا پرلطف وقت گزار کے چلا گیا، اور وعدہ کر گیا کہ وہ دوسرے دن آئے گا اور سونے کے کڑے اس کے نرم نرم ہاتھوں میں خود پہنائے گا۔ نواب خوش تھی۔ اس رات وہ دیر تک مسرت بھرے ریکارڈ بجا بجا کر اس چھوٹی سی کوٹھڑی میں ناچتی رہی جس پر نواڑی پلنگ تھا۔ سردار بھی خوش تھی۔ اس رات اس نے پھر اپنی ڈبیا سے افیم کی ایک بڑی گولی نکالی اور اسے نگل کرسو گئی۔ دوسرے دن نواب اور زیادہ خوش تھی کہ سونے کے کڑے آنے والے ہیں اور ہیبت خان خود اس کو پہنانے والا ہے۔ وہ سارا دن منتظر رہی پر وہ نہ آیا۔ اس نے سوچا شاید موٹر خراب ہو گئی ہو۔ شاید رات ہی کو آئے۔ مگر وہ ساری رات جاگتی رہی اور ہیبت خان نہ آیا۔ اس کے دل کو، جو بہت نازک تھا، بڑی ٹھیس پہنچی۔ اس نے اپنی ماں کو، یا جو کچھ بھی وہ تھی، بار بار کہا

’’دیکھو، خان نہیں آیا، وعدہ کرکے پھر گیا ہے۔ ‘‘

لیکن پھر وہ سوچتی اور کہتی

’’ایسا نہ ہو، کچھ ہو گیا ہو‘‘

اور وہ سہم جاتی۔ کئی باتیں اس کے دماغ میں آتی تھیں۔ موٹر کا حادثہ، اچانک بیماری، کسی ڈاکو کا حملہ۔ لیکن بار بار اس کو لاریوں اور موٹروں کی آوازوں کا خیال آتا تھا۔ جن کو سن کر ہیبت خان ہمیشہ بوکھلا جاتا تھا۔ وہ اس کے متعلق پہروں سوچتی تھی، مگر اس کی سمجھ میں کچھ نہیں آتا تھا۔ ایک ہفتہ گزر گیا۔ اس دوران میں اس کا کوئی پرانا گاہک بھی نہ آیا، اس لیے کہ سردار ان سب کو منع کر چکی تھی۔ تین چار لاریاں اور دو موٹریں البتہ اس کچی سڑک پر سے دھول اڑاتی گزریں۔ نواب کا ہر بار یہی جی چاہا کہ دوڑتی ہوئی ان کے پیچھے جائے اور ان کو آگ لگا دے۔ اس کو یوں محسوس ہوتا تھا کہ یہی وہ چیزیں ہیں جو ہیبت خان کے یہاں آنے میں رکاوٹ کا باعث ہیں، مگر پھر سوچتی کہ موٹریں اور لاریاں رکاوٹ کا کیا باعث ہو سکتی ہیں، وہ اپنی کم عقلی پر ہنستی۔ لیکن یہ بات اس کے فہم سے بالاتر تھی کہ ہیبت خان جیسا تنومند مرد ان کی آواز سن کر سہم کیوں جاتا ہے۔ اس حقیقت کو اس کے دماغ کی پیدا کی ہوئی دلیل جھٹلا نہیں سکتی تھی۔ اور جب ایسا ہوتا تو بے حد رنجیدہ اور مغموم ہو جاتی اور گراموفون پر دردیلے ریکارڈ لگا کر سننا شروع کردیتی اور اس کی آنکھیں نمناک ہو جاتیں۔ ایک ہفتے کے بعد دوپہر کو جب نواب اور سردار کھانا کھا کر فارغ ہو چکی تھیں اور کچھ دیر آرام کرنے کی سوچ رہی تھیں کہ اچانک باہر سڑک پر سے موٹر کے ہارن کی آواز سنائی دی۔ دونوں یہ آواز سن کر چونکیں کیوں کہ ہیبت خان کی ڈوج کے ہارن کی آواز نہیں تھی۔ سردار باہر لپکی کہ دیکھے کون ہے، پرانا آدمی ہوا تو اسے ٹرخا دے گی۔ مگر جب وہ سرکنڈوں کے پاس پہنچی تو اس نے دیکھا کہ ایک نئی موٹر میں ہیبت خان بیٹھا ہے۔ پچھلی نشست پر ایک خوش پوش اور خوبصورت عورت ہے۔ ہیبت خان نے موٹر کچھ دور کھڑی کی اور باہر نکلا۔ اس کے ساتھ ہی پچھلی نشست سے وہ عورت۔ دونوں ان کے مکان کی طرف بڑھے۔ سردار نے سوچا کہ یہ کیا سلسلہ ہے۔ عورت کے لیے تو ہیبت اتنی دور سے چل کر یہاں آتا ہے، پھر یہ عورت جو اتنی خوبصورت ہے، جوان ہے، قیمتی کپڑوں میں ملبوس ہے، اس کے ساتھ یہاں کیا کرنے آئی ہے۔ وہ ابھی یہ سوچ ہی رہی تھی کہ ہیب خان اس خوبصورت کے ساتھ جس نے بیش قیمت زیور پہنے ہوئے تھے، مکان میں داخل ہو گیا۔ وہ ان کے پیچھے پیچھے چلی۔ اس کی طرف ان دونوں میں سے کسی نے دھیان ہی نہیں دیا تھا۔ جب وہ اندر گئی تو ہیبت خان، نواب اور وہ عورت تینوں نواڑی پلنگ پر بیٹھے تھے اور خاموشی طاری تھی۔ عجیب قسم کی خاموشی۔ زیوروں سے لدی پھندی عورت البتہ کسی قدر مضطرب نظر آتی تھی کہ اس کی ایک ٹانگ بڑے زور سے ہل رہی تھی۔ سردار دہلیز کے پاس ہی کھڑی ہو گئی۔ اس کے قدموں کی آہٹ سن کر جب ہیبت خان نے اس کی طرف دیکھا تو اس نے سلام کیا۔ ہیبت خان نے کوئی جواب نہ دیا۔ وہ سخت بوکھلایا ہوا تھا۔ اس عورت کی ٹانگ ہلنا بند ہوئی اور وہ سردار سے مخاطب ہوئی۔

’’ہم آئے ہیں۔ کھانے پینے کا تو بندوبست کرو۔ ‘‘

سردار نے سرتاپا مہمان نواز بن کر کہا۔

’’جو تم کہو، ابھی تیار ہو جاتا ہے۔ ‘‘

اس عورت نے جس کے خدوخال سے صاف مترشح تھا کہ بڑی دھڑلے کی عورت ہے، سردار سے کہا۔

’’تو چلو تم باورچی خانے میں۔ چولہا سلگاؤ۔ بڑی دیگچی ہے گھرمیں؟‘‘

’’ہے!‘‘

سردار نے اپنا وزنی سرہلایا۔

’’تو جاؤ اس کو دھو کرصاف کرو۔ میں ابھی آئی۔ ‘‘

وہ عورت پلنگ پر سے اٹھی اور گراموفون کو دیکھنے لگی۔ سردار نے معذرت بھرے لہجے میں اس سے کہا۔

’’گوشت وغیرہ تو، یہاں نہیں ملے گا۔ ‘‘

اس عورت نے ایک ریکارڈ پر سوئی رکھی

’’مل جائے گا۔ تم سے جو کہا ہے، وہ کرو۔ اور دیکھو آگ کافی ہو۔ ‘‘

سردار یہ احکام لے کر چلی گئی۔ اب وہ خوش پوش عورت مسکرا کر نواب سے مخاطب ہوئی۔

’’نواب! ہم تمہارے لیے سونے کے کڑے لے کر آئے ہیں۔ ‘‘

یہ کہہ کر اس نے اپنا وینٹی بیگ کھولا اور اس میں سے باریک سرخ کاغذ میں لپٹے ہوئے کڑے نکالے جو کافی وزنی اور خوبصورت تھے۔ نواب اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے خاموش ہیبت خان کو دیکھ رہی تھی۔ اس نے کڑوں کو ایک نظر دیکھا اور اس سے بڑی نرم و نازک مگر سہمی ہوئی آواز میں پوچھا۔

’’خان یہ کون ہے؟‘‘

اس کا اشارہ اس عورت کی طرف تھا۔ وہ عورت کڑوں سے کھیلتے ہوئے بولی۔

’’میں کون ہوں۔ میں ہیبت خان کی بہن ہوں۔ ‘‘

اور یہ کہہ کر اس نے ہیبت خان کی طرف دیکھا جو اس کے اس جواب پر سکڑ گیا تھا۔ پھر وہ نواب سے مخاطب ہوئی۔

’’میرا نام ہلاکت ہے۔ ‘‘

نواب کچھ نہ سمجھی۔ مگر وہ اس عورت کی آنکھوں سے خوف کھا رہی تھی جو یقیناً خوبصورت تھیں مگر بڑے خوفناک طور پر کھلی۔ ان میں جیسے آگ برس رہی تھی۔ وہ آگے بڑھی اور اس نے سمٹی ہوئی، سہمی ہوئی نواب کی کلائیاں پکڑیں اور اس میں کڑے ڈالنے لگی۔ لیکن اس نے اس کی کلائیاں چھوڑ دیں اور ہیبت خان سے مخاطب ہوئی۔

’’تم جاؤ ہیت خان۔ میں اسے اچھی طرح سجا بنا کر تمہاری خدمت میں پیش کرنا چاہتی ہوں۔ ‘‘

ہیبت خان مبہوت تھا۔ جب وہ نہ اٹھا تو ہ عورت جس نے اپنا نام ہلاکت بتاتا تھا، ذرا تیزی سے بولی۔

’’جاؤ۔ تم نے سنا نہیں؟‘‘

ہیبت خان، نواب کی طرف دیکھتا ہوا باہر چلا گیا۔ وہ بہت مضطرب تھا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ کہاں جائے اور کیا کرے۔ مکان کے باہر جو برآمدہ ساتھا، اس کے ایک کونے میں ٹاٹ لگا باورچی خانہ تھا۔ جب وہ اس کے پاس پہنچا تو اس نے دیکھا کہ سردارآگ سلگا چکی ہے۔ اس نے اس سے کوئی بات نہ کی اور سرکنڈوں کے اس پار سڑک پر چلا گیا۔ اس کی حالت نیم دیوانوں کی سی تھی۔ ذرا سی آہٹ پر بھی وہ چونک اٹھتا تھا۔ جب اس کو دور سے ایک لاری آتی ہوئی دکھائی دی تو اس نے سوچا کہ وہ اسے روک لے اور اس میں بیٹھ کر وہاں سے غائب ہو جائے۔ مگر جب وہ پاس آئی تو ایسی دھول اڑی کہ وہ اس میں غائب ہو گیا۔ اس نے آوازیں دیں، مگر گرد کے باعث اس کا حلق اس قابل ہی نہیں تھا کہ بلند آواز نکال سکے۔ گردوغبار کم ہوا تو ہیبت خان نیم مردہ تھا۔ اس نے چاہا کہ سرکنڈوں کے پیچھے اس مکان میں جائے جہاں اس نے کئی دن اور کئی راتیں نواب کے الہڑ پہلو میں گزاری تھیں، مگر وہ نہ جاسکا۔ اس کے قدم ہی نہیں اٹھتے تھے۔ وہ بہت دیر تک کچی سڑک پر کھڑا سوچتا رہا کہ یہ معاملہ کیا ہے۔ وہ عورت جو اس کے ساتھ آئی تھی، اس کے ساتھ اس کے کافی پرانے تعلقات تھے، صرف اس بنا پر کہ بہت دیر ہوئی، وہ اس کے خاوند کی موت کا افسوس کرنے گیا تھا جو اس کا لنگوٹیا تھا۔ مگر اتفاق سے یہ ماتم پرسی ان دنوں کے باہمی تعلق میں تبدیل ہو گئی۔ خاوند کی موت کے دوسرے ہی دن وہ اس کے گھر میں تھا، اور اس عورت نے اس کو ایسے تحکم سے اندر بلا کر اپنا آپ اس کے سپرد کیا تھا جیسے وہ اس کا نوکر ہے۔ ہیبت خان عورت کے معاملے میں بالکل کورا تھا۔ جب شاہینہ نے اس سے اپنے عجیب و غریب تحکم بھرے التفات کا اظہار کیا تو اس کے لیے یہی بڑی بات تھی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ شاہینہ کے پاس بے اندازہ دولت تھی۔ کچھ اپنی اور کچھ اپنے مرحوم خاوند کی، مگر اسے اس دولت سے کوئی سروکار نہیں تھا۔ اس کو شاہینہ سے صرف یہی دلچسپی تھی کہ وہ اس کی زندگی کی سب سے پہلی عورت تھی۔ وہ اس کے تحکم کے نیچے شاید اس لیے دب کے رہ گیا تھا کہ وہ بالکل اناڑی تھا۔ بہت دیر تک وہ کچی سڑک پر کھڑا سوچتا رہا۔ آخر اس سے نہ رہا گیا۔ سرکنڈوں کے پیچھے مکان کی طرف بڑھا تو اس نے برآمدے میں ٹاٹ لگے باورچی خانے میں سردار کو کچھ بھونتے ہوئے دیکھا۔ اندر اس کمرے کی طرف گیا جہاں نواڑ کا پلنگ تھا تو دروازہ بند پایا۔ اس نے ہولے سے دستک دی۔ چند لمحات کے بعد دروازہ کھلا۔ کچے فرش پر اس کو سب سے پہلے خون ہی خون نظر آیا۔ وہ کانپ اٹھا۔ پھر اس نے شاہینہ کو دیکھا جو دروازہ کے پٹ کے ساتھ کھڑی تھی۔ اس نے ہیبت خان سے کہا۔

’’میں نے تمہاری نواب کو سجا بنا دیا ہے!‘‘

ہیبت خان نے اپنے خشک گلے کو تھوک سے کسی قدر تر کرکے اس سے پوچھا

’’کہاں ہے؟‘‘

شاہینہ نے جواب دیا۔

’’کچھ تو اس پلنگ پر ہے۔ لیکن اس کا بہترین حصہ باورچی خانہ میں ہے۔ ‘‘

ہیبت خان پر اس کا مطلب سمجھے بغیر ہیبت طاری ہو گئی۔ وہ کچھ کہہ نہ سکا۔ وہیں دہلیز کے پاس کھڑا رہا۔ مگر اس نے دیکھا کہ فرش پر گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکرے بھی ہیں اور۔ ایک تیز چھری بھی پڑی ہے۔ اور نواڑی پلنگ پر کوئی لیٹا ہے جس پر خون آلود چادرپڑی ہے۔ شاہینہ نے مسکرا کر کہا۔

’’چادر اٹھا کر دکھاؤں۔ تمہاری سجی بنی نواب ہے۔ میں نے اپنے ہاتھوں سے سنگھار کیا ہے۔ لیکن تم پہلے کھانا کھا لو۔ بہت بھوک لگی ہو گی، سردار بڑا لذیذ گوشت بھون رہی ہے۔ اس کی بوٹیاں میں نے خود اپنے ہاتھ سے کاٹی ہیں۔ ہیبت خان کے پاؤں لڑکھڑائے۔ زور سے چلایا۔

’’شاہینہ تم نے یہ کیا کیا!‘‘

شاہینہ مسکرائی۔

’’جان من!یہ پہلی مرتبہ نہیں۔ دوسری مرتبہ ہے۔ میرا خاوند، اللہ اسے جنت نصیب کرے، تمہاری طرح ہی بے وفا تھا۔ میں نے خود اس کو اپنے ہاتھوں سے مارا تھا اور اس کا گوشت پکا کر چیلوں اور کوؤں کو کھلایا تھا۔ تم سے مجھے پیار ہے، اس لیے میں نے تمہارے بجائے۔ ‘‘

اس نے فقرہ مکمل نہ کیا اور پلنگ پر سے خون آلود چادر ہٹادی۔ ہیبت خان کی چیخ اس کے حلق کے اندر ہی دھنسی رہی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ جب اسے ہوش آیا تو اس نے دیکھا کہ شاہینہ کار چلا رہی ہے اور وہ غیر علاقے میں ہیں۔

سعادت حسن منٹو

سُرمہ

فہمیدہ کی جب شادی ہوئی تو اس کی عمر انیس برس سے زیادہ نہیں تھی۔ اس کا جہیز تیار تھا۔ اس لیے اس کے والدین کو کوئی دِقت محسوس نہ ہوئی۔ پچیس کے قریب جوڑے تھے اور زیورات بھی، لیکن فہمید نے اپنی ماں سے کہا کہ وہ سُرمہ جو خاص طور پر اُن کے یہاں آتا ہے، چاندی کی سرمے دانی میں ڈال کر اُسے ضرور دیں۔ ساتھ ہی چاندی کا سرمچو بھی۔ فہمیدہ کی یہ خواہش فوراً پوری ہو گئی۔ اعظم علی کی دکان سے سرمہ منگوایا۔ برکت کی دکان سے سرمے دانی اور سرمچو لیا اور اس کے جہیز میں رکھ دیا۔ فہمیدہ کو سرمہ بہت پسند تھا۔ وہ اس کو معلوم نہیں، کیوں اتنا پسند تھا۔ شاید اس لیے کہ اس کا رنگ بہت زیادہ گورا تھا۔ وہ چاہتی تھی کہ تھوڑی سی سیاہی بھی اس میں شامل ہو جائے۔ ہوش سنبھالتے ہی اُس نے سُرمے کا استعمال شروع کر دیا تھا۔ اُس کی ماں اُس سے اکثر کہتی۔

’’فہمی۔ یہ تمھیں کیا خبط ہو گیا ہے۔ جب نہ تب آنکھوں میں سرمہ لگاتی رہتی ہو۔ ‘‘

فہمیدہ مسکراتی۔

’’امی جان۔ اس سے نظر کمزور نہیں ہوتی۔ آپ نے عینک کب لگوائی تھی؟‘‘

’’بارہ برس کی عمر میں۔ ‘‘

فہمیدہ ہنسی۔

’’اگر آپ نے سرمے کا استعمال کیا ہوتا، تو آپ کو کبھی عینک کی ضرورت محسوس نہ ہوتی۔ اصل میں ہم لوگ کچھ زیادہ ہی روشن خیال ہو گئے ہیں لیکن روشنی کے بدلے ہمیں اندھیرا ہی اندھیرا ملتا ہے۔ ‘‘

اس کی ماں کہتی۔

’’جانے کیا بک رہی ہو‘‘

’’میں جو کچھ بک رہی ہوں صحیح ہے۔ آج کل لڑکیاں نقلی بھویں لگاتی ہیں۔ کالی پنسل سے خدا معلوم اپنے چہرے پر کیا کچھ کرتی ہیں۔ لیکن نتیجہ کیا نکلتا ہے۔ چڑیل بن جاتی ہیں۔ ‘‘

اس کی ماں کی سمجھ میں کچھ بھی نہ آیا۔

’’جانے کیا کہہ رہی ہو۔ میری سمجھ میں تو خاک بھی نہیں آیا‘‘

فہمیدہ کہتی۔

’’امی جان! آپ کو اتنا سمجھنا چاہیے کہ دنیا میں صرف خاک ہی خاک نہیں۔ کچھ اور بھی ہے۔ ‘‘

اس کی ماں اس سے پوچھتی۔

’’اور کیا ہے؟‘‘

فہمیدہ جواب دیتی۔

’’بہت کچھ ہے۔ خاک میں بھی سونے کے ذرے ہوسکتے ہیں۔ ‘‘

خیر۔ فہمیدہ کی شادی ہو گئی۔ پہلی ملاقات میاں بیوی کی بڑی دل چسپ تھی۔ جب فہمیدہ کا خاوند اس سے ہم کلام ہوا، تو اُس نے دیکھا کہ اُس کی آنکھوں میں سیاہیاں تیر رہی ہیں۔ اُس کے خاوند نے پوچھا۔

’’یہ تم اتنا سرمہ کیوں لگاتی ہو؟‘‘

فہمیدہ جھینپ گئی اور جواب میں کچھ نہ کہہ سکی۔ اس کے خاوند کو یہ ادا پسند آئی اور وہ اُس سے لپٹ گیا۔ لیکن فہمیدہ کی سرمہ بھری آنکھوں سے ٹپ ٹپ کالے کالے آنسو بہنے لگے۔ اس کا خاوند بہت پریشان ہو گیا،

’’تم رو کیوں رہی ہو ؟‘‘

فہمیدہ خاموش رہی۔ اُس کے خاوند نے ایک بار پھر پوچھا

’’کیا بات ہے۔ آخر رونے کی وجہ کیا ہے۔ میں نے تمھیں کوئی دُکھ پہنچایا؟

’’جی نہیں۔ ‘‘

’’تو پھر رونے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟‘‘

’’کوئی بھی نہیں۔ ‘‘

اُس کے خاوند نے اس کے گال پر ہولے ہولے تھپکی دی اور کہا

’’جان من جو بات ہے مجھے بتا دو۔ اگر میں نے کوئی زیادتی کی ہے تو اُس کی معافی چاہتا ہوں۔ دیکھو تم اس گھر کی ملکہ ہو۔ میں تمہارا غلام ہوں۔ لیکن مجھے یہ رونا دھونا اچھا نہیں لگتا۔ میں چاہتا ہوں کہ تم سدا ہنستی رہو۔ ‘‘

فہمیدہ روتی رہی۔ اس کے خاوند نے اس سے ایک بار پھر پوچھا

’’آخر اس رونے کی وجہ کیا ہے؟‘‘

فہمیدہ نے جواب دیا۔

’’کوئی وجہ نہیں ہے، آپ پانی کا ایک گلاس دیجیے مجھے‘‘

اس کا خاوند فوراً پانی کا ایک گلاس لے آیا۔ فہمیدہ نے اپنی آنکھوں میں لگا ہوا سرمہ دھویا۔ تولیے سے اچھی طرح صاف کیا۔ آنسو خود بخود خشک ہو گئے اس کے بعد وہ اپنے خاوند سے ہم کلام ہوئی۔

’’میں معذرت چاہتی ہوں کہ آپ کو میں نے اتنا پریشان کیا۔ اب دیکھیے میری آنکھوں میں سرمے کی ایک لکیر بھی باقی نہیں رہی۔ ‘‘

اس کے خاوند نے کہا ’ مجھے سرمے پر کوئی اعتراض نہیں۔ تم شوق سے اس کو استعمال کرو۔ مگر اتنا زیادہ نہیں کہ آنکھیں ابلتی نظر آئیں۔ ‘‘

فہمیدہ نے آنکھیں جھکا کر کہا۔

’’مجھے آپ کا ہر حکم بجا لانا ہے۔ آئندہ میں کبھی سرمہ نہیں لگاؤں گی۔ ‘‘

’’نہیں نہیں۔ میں تمھیں اس کے استعمال سے منع نہیں کرتا۔ میں صرف یہ کہنا چاہتا تھا کہ۔ میرا مطلب ہے کہ اس چیز کو بقدر کفایت استعمال کیا جائے۔ ضرورت سے زیادہ جو بھی چیز استعمال میں آئے گی، اپنی قدر کھو دے گی۔ ‘‘

فہمیدہ نے سرمہ لگانا چھوڑ دیا۔ لیکن پھر بھی وہ اپنی چاندی کی سرمے دانی اور چاندی کے سرمچو کو ہر روز نکال کر دیکھتی تھی اور سوچتی تھی کہ یہ دونوں چیزیں اُس کی زندگی سے کیوں خارج ہو گئی ہیں، وہ کیوں ان کو اپنی آنکھوں میں جگہ نہیں دے سکتی۔ صرف اس لیے کہ اُس کی شادی ہو گئی ہے؟ صرف اس لیے کہ وہ اب کسی کی ملکیت ہو گئی ہے؟ یا ہوسکتا ہے کہ اس کی قوتِ ارادی سلب ہو گئی ہو۔ وہ کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی تھی۔ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی تھی۔ ایک برس کے بعد اس کے ہاں چاند سا بچہ آگیا۔ فہمیدہ نڈھال تھی لیکن اسے اپنی کمزوری کا کوئی احساس نہیں تھا اس لیے کہ وہ اپنے لڑکے کی پیدائش پر نازاں تھی۔ اُسے یوں محسوس ہوتا تھا جیسے اس نے کوئی بہت بڑی تخلیق کی ہے۔ چالیس دنوں کے بعد اُس نے سرمہ منگوایا اور اپنے نومولود لڑکے کی آنکھوں میں لگایا۔ لڑکے کی آنکھیں بڑی بڑی تھیں۔ ان میں جب سرمہ کی تحریر ہوئی تو وہ اور بھی زیادہ بڑی ہو گئیں۔ اس کے خاوند نے کوئی اعتراض نہ کیا کہ وہ بچے کی آنکھوں میں سرمہ کیوں لگاتی ہے۔ اس لیے کہ اُسے بڑی اور خوب صورت آنکھیں پسند تھیں۔ دن اچھی طرح گزر رہے تھے۔ فہمیدہ کے خاوند شجاعت علی کو ترقی مل گئی تھی۔ اب اس کی تنخواہ ڈیڑھ ہزار روپے کے قریب تھی۔ ایک دن اُس نے اپنے لڑکے، جس کا نام اس کی بیوی نے عاصم رکھا تھا، سرمہ لگی آنکھوں کے ساتھ دیکھا۔ وہ اُس کو بہت پیارا لگا، اس نے بے اختیار اُس کو اُٹھایا چوما چاٹا اور پلنگڑی پر ڈال دیا۔ وہ ہنس رہا تھا، اور اپنے ننھے منے ہاتھ پاؤں اِدھر اُدھر مار رہا تھا۔ اس کی سالگرہ کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔ فہمیدہ نے ایک بہت بڑے کیک کا آرڈر دے دیا تھا۔ محلے کے سب بچوں کو دعوت دی گئی تھی۔ وہ چاہتی تھی کہ اس کے لڑکے کی پہلی سالگرہ بڑی شان سے منائی جائے۔ سالگرہ یقیناً شان سے منائی جاتی، مگر دو دن پہلے عاصم کی طبیعت نا ساز ہو گئی اور ایسی ہوئی کہ اسے تشنج کے دورے پڑنے لگے۔ ! اُسے ہسپتال لے گئے، وہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا۔ تشخیص کے بعد معلوم ہوا کہ اسے ڈبل نمونیا ہو گیا ہے۔ فہمیدہ رونے لگی۔ بلکہ سر پیٹنے لگی

’’ہائے میرے لال کو یہ کیا ہو گیا ہے۔ ہم نے تو اُسے پھولوں کی طرح پالا ہے۔ ‘‘

ایک ڈاکٹر نے اس سے کہا

’’میڈم یہ بیماریاں انسان کے احاطہ اختیار میں نہیں۔ ویسے بحیثیت ڈاکٹر میں آپ سے یہ کہتا ہوں کہ بچے کے جینے کی کوئی امید نہیں۔ ‘‘

فہمیدہ نے رونا شروع کر دیا۔

’’میں تو خود مر جاؤں گی۔ خدا کے لیے، ڈاکٹر صاحب ! اسے بچا لیجیے، آپ علاج کرنا جانتے ہیں۔ مجھے اللہ کے گھر سے اُمید ہے کہ میرا بچہ ٹھیک ہو جائے گا۔

’’آپ اتنے نا امید کیوں ہیں؟‘‘

میں نا امید نہیں۔ لیکن میں آپ کو جھوٹی تسلی نہیں دینا چاہتا۔ ‘‘

’’جھوٹی تسلیاں، آپ مجھ کو کیوں دیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ میرا بچہ زندہ رہے گا۔ ‘‘

خدا کرے کہ ایسا ہی ہو‘‘

مگر خدا نے ایسا نہ کیا اور وہ تین روز کے بعد ہسپتال میں مر گیا۔ فہمیدہ پر دیر تک پاگل پن کی کیفیت طاری رہی اس کے ہوش و حواس گم تھے کوئلے اٹھاتی انھیں پیستی اور اپنے چہرے پر ملنا شروع کر دیتی۔ اس کا خاوند سخت پریشان تھا۔ اُس نے کئی ڈاکٹروں سے مشورہ کیا۔ دوائیں بھی دیں لیکن خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہ ہوا۔ فہمیدہ کے دل و دماغ میں سرمہ ہی سرمہ تھا۔ وہ ہر بات کا لک کے ساتھ سوچتی تھی۔ اُس کا خاوند اس سے کہتا

’’کیا بات ہے تم اتنی افسردہ کیوں رہتی ہو‘‘

وہ جواب دیتی

’’جی، کوئی خاص بات نہیں۔ مجھے آپ سرمہ لا دیجیے‘‘

اس کا خاوند اُس کے لیے سرمہ لے آیا، مگر فہمیدہ کو پسند نہ آیا۔ چنانچہ وہ خود بازار گئی اور اپنی پسند کا سرمہ خرید کر لائی۔ اپنی آنکھوں میں لگایا اور سو گئی۔ جس طرح وہ اپنے بیٹے عاصم کے ساتھ سویا کرتی تھی۔ صبح جب اُس کا خاوند اٹھا اور اور اس نے اپنی بیوی کو جگانے کی کوشش کی تو وہ مردہ پڑی تھی اس کے پہلو میں ایک گڑیا تھی جس کی آنکھیں سرمے سے لبریز تھیں۔ سعادت حسن منٹو ۱۱۔ دستمبر۱۹۵۴ء

سعادت حسن منٹو

سراج

ناگپاڑہ پولیس چوکی کے اس طرف جو چھوٹا سا باغ ہے۔ اس کے بالکل سامنے ایرانی کے ہوٹل کے باہر، بجلی کے کھمبے کے ساتھ لگ کر ڈھونڈو کھڑا تھا۔ دن ڈھلے، مقررہ وقت پر وہ یہاں آجاتا اور صبح چار بجے تک اپنے دھندے میں مصروف رہتا۔ معلوم نہیں، اس کا اصل نام کیا تھا۔ مگر سب اسے ڈھونڈو کہتے تھے، اس لحاظ سے تو یہ بہت مناسب تھا کہ اس کا کام اپنے موکلوں کے لیے ان کی خواہش اور پسند کے مطابق ہر نسل اور ہر رنگ کی لڑکیاں ڈھونڈتا تھا۔ یہ دھندہ وہ قریب قریب دس برس سے کررہا تھا۔ اس دوران میں ہزاروں لڑکیاں اس کے ہاتھوں سے گزر چکی تھیں۔ ہر مذہب کی، ہر نسل کی، ہر مزاج کی۔ اس کا اڈہ شروع سے یہی رہا تھا۔ ناگپاڑہ پولیس چوکی کے اس طرف۔ باغ کے بالکل سامنے۔ ایرانی ہوٹل کے باہر بجلی کے کھمبے کے ساتھ۔ کھمبا اس کا نشان بن گیا تھا۔ بلکہ مجھے تو وہ ڈھونڈو ہی معلوم ہوتا تھا۔ میں جب کبھی ادھر سے گزرتا اور میری نظر اس کھمبے پر پڑتی۔ جس پر جگہ جگہ چونے اور کتھے کی انگلیاں پونچھی گئی تھیں تو مجھے ایسا لگتا کہ ڈھونڈو کھڑا ہے اور کالے کانڈی اور سینکے لی سوپاری والا پان چبا رہا ہے۔ یہ کھمبا کافی اونچا تھا۔ ڈھونڈو بھی دراز قد تھا۔ کھمبے کے اوپر بجلی کے تاروں کا ایک جال سا بچھا تھا۔ کوئی تار دور تک دوڑتا چلا گیا تھا اور دوسرے کھمبے کے تاروں کے الجھاؤ میں مدغم ہو گیا تھا۔ کوئی تار کسی بڈنگ میں اور کوئی کسی دکان میں چلا گیا تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ اس کھمبے کی پہنچ دور دور تک ہے۔ وہ دوسرے کھمبوں سے مل کر گویا سارے شہر پر چھایا ہوا ہے۔ اس کھمبے کے ساتھ ٹیلیفون کے محکمے نے ایک بکس لگا رکھا تھا جس کے ذریعے سے وقتاً فوقتاً تاروں کی درستی وغیرہ کی جانچ پڑتال کی جاتی تھی۔ اکثر سوچتا تھا کہ ڈھونڈو بھی اسی قسم کا ایک بکس ہے جو لوگوں کی جنسی جانچ پڑتال کے لیے کھمبے کے ساتھ لگا رہتا ہے۔ کیونکہ اسے آس پاس کے علاقے کے علاوہ دور دور کے علاقوں کے ان تمام سیٹھوں کا پتا تھا جن کو وقفوں کے بعد یا ہمیشہ ہی اپنی جنسی خواہشات کے تنے ہوئے یا ڈھیلے تار درست کرانے کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔ اسے ان تمام چھوکریوں کا بھی پتا تھا جو اس دھندے میں تھیں۔ وہ ان کے جسم کے ہر خدوخال سے واقف تھا۔ ان کی ہر نبض سے آشنا تھا۔ کون کس مزاج کی ہے اور کس وقت اور کس گاہک کے لیے موزوں ہے۔ اس کو اس کا بخوبی اندازہ تھا۔ لیکن ایک صرف اس کو سراج کے متعلق ابھی تک کوئی اندازہ نہیں ہوا تھا۔ وہ اس کی گہرائی تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ ڈھونڈو کئی بار مجھ سے کہہ چکا تھا۔

’’سالی کا مستک پھرے لا ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا منٹو صاحب، کیسی چھوکری ہے۔ گھڑی میں ماشہ گھڑی میں تولا۔ کبھی آگ، کبھی پانی۔ ہنس رہی ہے۔ قہقہے لگا رہی ہے۔ لیکن ایک دم رونا شروع کردے گی۔ سالی کی کسی سے نہیں بنتی۔ بڑی جھگڑالو ہے۔ ہر پسنجر سے لڑتی ہے۔ سالی سے کئی بار کہہ چکا کہ دیکھ، اپنا مستک ٹھیک کر، ورنہ جان جہاں سے آئی ہے۔ انگ پر تیرے کوئی کپڑا نہیں۔ کھانے کو تیرے پاس ڈیڑھیا نہیں۔ مارا ماری اور دھاندلی سے تو میری جان کام نہیں چلے گا۔ پر وہ ایک تخم ہے۔ کسی کی سنتی ہی نہیں‘‘

میں نے سراج کو ایک دو مرتبہ دیکھا ہے۔ بڑی دبلی پتلی لڑکی تھی مگر خوبصورت۔ اس کی آنکھیں ضرورت سے زیادہ بڑی تھیں۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ اس کے بیضوی چہرے پر صرف اپنی بڑائی جتانے کی خاطر چھائی ہوئی ہیں۔ میں نے جب اس کو پہلی مرتبہ کلیئر روڈ پر دیکھا تھا تو مجھے بڑی الجھن ہوئی تھی۔ میرے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی تھی کہ اس کی آنکھوں سے کہوں کہ بھئی تم تھوڑی دیر کے لیے ذرا ایک طرف ہٹ جاؤ تاکہ میں سراج کو دیکھ سکوں۔ لیکن میری اس خواہش کے باوجود جو یقیناً میری آنکھوں نے اس کی آنکھیں تک پہنچا دی ہو گی، وہ اسی طرح اس کے سفید بیضوی چہرے پرچھائی رہیں۔ مختصر سی تھی، مگر اس اختصار کے باوجود بڑی جامع معلوم ہوتی تھی۔ ایسالگتا تھا کہ وہ ایک صراحی ہے جس میں ایک حجم سے زیادہ پانی ملی ہوئی شراب بھرنے کی کوشش کی گئی ہے اور نتیجے کے طور پر سیال چیز دباؤ کے باعث ادھر ادھر، تڑپ کر بہہ گئی ہے۔ میں نے پانی ملی ہوئی شراب اس لیے کہا ہے کہ اس میں تلخی تھی، وہ جو تیز و تند شراب کی ہوتی ہے، مگر ایسا لگتا تھا کسی دھوکے باز نے اس میں پانی ملا دیا ہے، تاکہ مقدار زیادہ ہو جائے۔ مگر سراج میں لسانیت کی جو مقدار تھی، ویسی کی ویسی موجود تھی اور اس جھنجھلاہٹ سے جو اس کے گھنے بالوں سے اس کی تیکھی ناک سے، اس کے بھنچے ہوئے ہونٹوں سے اور اس کی انگلیوں سے، جو نقشہ نویسوں کی نوکیلی اور تیز تیز پنسلیں معلوم ہوتی تھیں، میں نے یہ اندازہ لگایا تھا کہ وہ ہر چیز سے ناراض ہے۔ ڈھونڈو سے۔ اس کھمبے سے جس کے ساتھ لگ کر وہ کھڑا رہتا تھا۔ ان گاہکوں سے جو اس کے لیے لائے جاتے تھے۔ اپنی بڑی بڑی آنکھوں سے بھی جو اس کے سفید بیضوی چہرے پر قبضہ جمائے رکھتی تھیں۔ اس کی پتلی پتلی، نوکیلی انگلیاں جو نقشہ نویسوں کی پنسلوں کی طرح تیز تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ ان سے بھی ناراض ہے۔ شاید اس لیے کہ جو نقشہ سراج بنانا چاہتی تھی وہ نہیں بنا سکتی تھیں۔ یہ تو ایک افسنہ نگار کے تاثرات میں جو چھوٹے سے تل میں سنگِ اسود کی تمام سختیاں بیان کرسکتا ہے۔ آپ ڈھونڈو کی زبانی سراج کے متعلق سنیے اس نے مجھ سے ایک دن کہا۔

’’منٹو صاحب۔ آج سالی نے پھر ٹنٹا کردیا۔ وہ تو جانے کس دن کا ثواب کام آگیا اور آپ کی دعا سے یوں بھی ناگپاڑہ چوکی کے سب افسر مہربان ہیں، ورنہ کل ڈھونڈو اندر ہوتا۔ وہ دھمال مچائی کہ میں تو باپ رے باپ کہتا رہ گیا۔ ‘‘

میں نے اس سے پوچھا۔

’’کیا بات ہوئی تھی؟‘‘

’’وہی جو ہوا کرتی ہے۔ میں نے لاکھ لعنت بھیجی اپنی ہشت پشت پر کہ حرامی جب تو اس چھوکری کو اچھی طرح جانتا ہے تو پھر کیوں انگلی لیتا ہے۔ کیوں اس کو نکال کر لاتا ہے۔ تیری ماں لگتی ہے یا بہن۔ میری تو کوئی عقل کام نہیں کرتی منٹو صاحب!‘‘

ہم دونوں ایرانی کے ہوٹل میں بیٹھے تھے۔ ڈھونڈو نے کوفی ملی چائے پرچ میں انڈیلی اور سڑپ سڑپ پینے لگا۔

’’اصل بات یہ ہے کہ سالی سے مجھے ہمدردی ہے۔ ‘‘

میں نے پوچھا۔

’’کیوں؟‘‘

ڈھونڈو نے سر کو ایک جھٹکا دیا۔

’’جائے کیوں۔ یہ سالا معلوم ہو جائے تو یہ روز کا ٹنٹا ختم نہ ہو۔ ‘‘

پھر اس نے ایک دم پرچ میں پیالی اوندھی کرکے مجھ سے کہا۔

’’آپ کو معلوم ہے۔ ابھی تک کنواری ہے۔ ‘‘

یقین مانیے کہ میں ایک لحظے کے لیے چکرا گیا۔

’’کنواری۔ ‘‘

’’آپ کی جان کی قسم‘‘

میں نے جیسے اس کو اپنی بات پر نظرثانی کرنے کے لیے کہا۔

’’نہیں ڈھونڈو۔ ‘‘

ڈھونڈو کو میرا یہ شک ناگوار معلوم ہوا۔

’’میں آپ سے جھوٹ نہیں کہتا منٹو صاحب۔ سولہ آنے کنواری ہے۔ آپ مجھ سے شرط لگا لیجیے۔ ‘‘

میں صرف اسی قدر کہہ سکا۔

’’مگر ایسا کیونکر ہوسکتا ہے۔ ‘‘

ڈھونڈو نے بڑے وثوق کے ساتھ کہا۔

’’ایسا کیوں ہونے کو نہیں سکتا۔ سراج جیسی چھوکری تو اس دھندے میں بھی رہ کر ساری عمر کنواری رہ سکتی ہے۔ سالی کسی کو ہاتھ ہی نہیں لگانے دیتی۔ مجھے اس کی ساری ہشٹری معلوم نہیں۔ انتا جانتا ہوں۔ پنجابن ہے۔ لیمنگٹن روڈ پر میم صاحب کے پاس تھی۔ وہاں سے نکالی گئی کہ ہر پیسنجر سے لڑاتی تھی۔ دو تین مہینے نکل گئے کہ مڈام کے پاس دس بیس اور چھوکریاں تھیں۔ پر منٹو صاحب کوئی کب تک کسے کھلاتا ہے۔ اس نے ایک دن تین کپڑوں میں نکال باہر کیا۔ یہاں سے فارس روڈ میں دوسری مڈام کے پاس پہنچی۔ وہاں بھی اس کا مستک ویسے کا ویسا تھا۔ ایک پیسنجر کے کاٹ کھایا۔ دو تین مہینے یہاں گزرے۔ پر سالی کے مزاج میں تو جیسے آگ بھری ہوئی ہے اب کون اسے ٹھنڈا کرتا پھرے۔ پھر خدا آپ کا بھلا کرے، کھیت و اڑی کے ایک ہوٹل میں رہی۔ پر یہاں بھی وہی دھمال۔ منیجر نے تنگ آکر چلتا کیا۔ کیا بتاؤں منٹو صاحب۔ نہ سالی کو کھانے کا ہوش ہے نہ پینے کا۔ کپڑوں میں جوئیں پڑی ہیں۔ سر دو دو مہینے سے نہیں دھویا۔ چرس کے ایک دو سگرٹ مل جائیں کہیں سے تو پھونک لیتی ہے۔ یا کسی ہوٹل سے دور کھڑی ہو کر، فلمی ریکارڈ سنتی رہتی ہے۔ ‘‘

میرے لیے یہ تفصیل کافی تھی۔ اس کے رد عمل سے میں آپ کو آگاہ نہیں کرنا چاہتا کہ افسانہ نگار کی حیثیت سے یہ نامناسب ہے۔ میں نے ڈھونڈو سے محض سلسلہ گفتگو قائم رکھنے کے لیے پوچھا۔

’’تم اسے واپس کیوں نہیں بھیج دیتے۔ جب کہ اسے اس دھندے سے کوئی دلچسپی نہیں۔ کرایہ تم مجھ سے لے لو!‘‘

ڈھونڈو کو یہ بات بھی ناگوار معلوم ہوئی۔

’’منٹو صاحب کرائے سالے کی کیا بات ہے۔ میں نہیں دے سکتا۔ ‘‘

میں نے ٹوہ لینی چاہی۔

’’پھر اسے واپس کیوں نہیں بھیجتے؟‘‘

ڈھونڈو کچھ عرصے کے لیے خاموش ہو گیا۔ کان میں اڑے ہوئے سگرٹ کا ٹکڑہ نکال کر اس نے سلگایا اور دھوئیں کو ناک کے دونوں نتنھوں سے باہر پھینک کر اس نے صرف اتنا کہا۔

’’میں نہیں چاہتا کہ وہ جائے۔ ‘‘

میں نے سمجھا۔ الجھے ہوئے دھاگے کا ایک سرا میرے ہاتھ میں آگیا ہے۔

’’کیا تم اس سے محبت کرتے ہو؟‘‘

ڈھونڈو پر اس کا شدید رد عمل ہوا۔

’’آپ کیسی باتیں کرتے ہیں منٹو صاحب۔ ‘‘

۔ پھر اس نے دونوں کان پکڑ کر کھینچے۔

’’قرآن کی قسم میرے دل میں ایسا پلید خیال کبھی نہیں آیا۔ مجھے بس۔ ‘‘

وہ رک گیا۔

’’مجھے بس، کچھ اچھی لگتی ہے!‘‘

میں نے بڑا صحیح سوال کیا۔

’’کیوں؟‘‘

ڈھونڈو نے بھی اس کا بڑا صحیح جواب دیا۔

’’اس لیے۔ اس لیے کہ وہ دوسروں جیسی نہیں۔ باقی جتنی ہیں۔ سب پیس کی پیر ہیں۔ حرامی ہیں اول درجے کی۔ پر یہ جو ہے نا۔ کچھ عجیب و غریب ہے۔ نکال کے لاتا ہوں تو راضی ہو جاتی ہے۔ سودا ہو جاتا ہے۔ ٹیکسی یا وکٹوریہ میں بیٹھ جاتی ہے۔ اب منٹو صاحب، پیسنجر سالا موج شوق کے لیے آتا ہے۔ مال پانی خرچ کرتا ہے۔ ذرا دبا کے دیکھتا ہے۔ یا ویسے ہی ہاتھ لگا کے دیکھتا ہے۔ بس دھمال مچ جاتی ہے۔ مارا ماری شروع کردیتی ہے۔ آدمی شریف ہو تو بھاگ جاتا ہے۔ پیے والا ہو۔ یا موالی ہو تو آفت۔ ہر موقعے پر مجھے پہنچنا پڑتا ہے۔ پیسے واپس کرنے پڑتے ہیں اور ہاتھ پیر الگ جوڑنے پڑتے ہیں۔ قسم قرآن کی صرف سراج کی خاطر۔ اور منٹو صاحب آپ کی جان کی قسم اسی سالی کی وجہ سے میرا دھندا آدھا رہ گیا ہے‘‘

۔ ! میرے ذہن نے سراج کا جو عقبی منظر تیار کیا تھا، میں اس کا ذکر کرنا نہیں چاہتا، لیکن اتنا ہے کہ جو کچھ ڈھونڈو نے مجھے بتایا وہ اس کے ساتھ ٹھیک طور پر جمتا نہیں تھا۔ میں نے ایک دن سوچا کہ ڈھونڈو کو بتائے بغیر سراج سے ملوں۔ وہ بائی کلہ اسٹیشن کے پاس ہی ایک نہایت واہیات جگہ میں رہتی تھی۔ جہاں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر تھے۔ آس پاس کا تمام فضلہ تھا۔ کارپوریشن نے یہاں غریبوں کے لیے جست کے بے شمار جھونپڑے بنا دیے تھے۔ میں یہاں ان بلند بام عمارتوں کا ذکر کرنا نہیں چاہتا جو اس غلاظت گاہ سے تھوڑی دور ایستا دہ تھیں۔ کیونکہ ان کا اس افسانے سے کوئی تعلق نہیں۔ دنیا نام ہی نشیب و فراز کا ہے۔ یا رفعتوں اورپستیوں کا۔ ڈھونڈو سے مجھے اس کے جھونپڑے کا اتا پتا معلوم تھا۔ میں وہاں گیا۔ اپنے خوش وضع کپڑوں کو اس ماحول سے چھپائے ہوئے۔ لیکن یہاں میری ذات متعلق نہیں۔ بہر حال میں وہاں گیا۔ جھونپڑے کے باہر ایک بکری بندھی تھی۔ اس نے مجھے دیکھا تو ممیائی۔ اندرسے ایک بڑھیا نکلی۔ جیسے پرانی داستانوں کے کرم خوردہ انبار سے کوئی کٹنی لاٹھی ٹیکتی ہوئی۔ میں لوٹنے ہی والا تھا کہ ٹاٹ کے جگہ جگہ سے پھٹے ہوئے پردے کے پیچھے مجھے دو بڑی بڑی آنکھیں نظر آئیں۔ بالکل اسی طرح پھٹی ہوئی جس طرح وہ ٹاٹ کا پردہ تھا۔ پھر میں نے سراج کا سفیدی بیضوی چہرہ دیکھا اور مجھے ان غاصب آنکھوں پر بڑا غصہ آیا۔ اس نے مجھے دیکھ لیا تھا۔ معلوم نہیں اندر کیا کام کررہی تھی۔ فوراً سب چھوڑ چھاڑ کر باہر آئی۔ اس نے بڑھیا کی طرف کوئی توجہ نہ دی اور مجھ سے کہا۔

’’آپ یہاں کیسے آئے؟‘‘

میں نے مختصراً کہا۔

’’تم سے ملنا تھا۔ ‘‘

سراج نے بھی اختصار ہی کے ساتھ کہا۔

’’آؤ اندر!‘‘

میں نے کہا۔

’’نہیں میرے ساتھ چلیے۔ ‘‘

اس پر کرم خوردہ داستانوں کی کرم خوردہ کٹنی بڑے دکاندارانہ انداز میں بولی۔

’’دس روپے ہوں گے۔ ‘‘

میں نے بٹوہ نکال کر دس روپے اس بڑھیا کو دے دیے اور سراج سے کہا۔

’’آؤ سراج‘‘

۔ ! سراج کی بڑی بڑی آنکھوں نے ایک لحظے کے لیے میری نگاہوں کو راستہ دیا کہ اس کے چہرے کی سڑک پر چند قدم چل سکیں۔ میں ایک بار پھر اسی نتیجے پر پہنچا کہ وہ خوبصورت تھی۔ سکڑی ہوئی خوبصورتی۔ حنوط لگی خوبصورتی۔ صدیوں کی محفوظ و مامون اور مدفون کی ہوئی خوبصورتی۔ میں نے ایک لحظے کے لیے یوں محسوس کیا کہ میں مصر میں ہوں اور پرانے دفینوں کی کھدائی پر مامور کیا گیا ہوں۔ میں زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ سراج میرے ساتھ تھی۔ ہم دونوں ایک ہوٹل میں تھے۔ وہ میرے سامنے، اپنے غلیظ کپڑوں میں ملبوس بیٹھی تھی اور اس کی بڑی بڑی آنکھیں اس کے بیضوی چہرے پر قبضہ مخالفانہ کیے تھیں۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انھوں نے صرف سراج کے چہرے ہی کو نہیں، اس کے سارے وجود کو ڈھانپ لیا ہے کہ میں اس کے کسی روئیں کو بھی نہ دیکھ سکوں۔ بڑھیا نے جو قیمت بتائی تھی، میں نے ادا کردی تھی۔ اس کے علاوہ میں نے چالیس روپے اور سراج کو دیے تھے۔ میں چاہتا تھا کہ وہ مجھ سے بھی اسی طرح لڑے جھگڑے، جس طرح وہ دوسروں کے ساتھ لڑتی جھگڑتی ہے۔ چنانچہ اسی غرض سے میں نے اس سے کوئی ایسی بات نہ کی جس سے محبت اور خلوص کی بو آئے۔ اس کی بڑی بڑی آنکھوں سے بھی میں خائف تھا۔ وہ اتنی بڑی تھیں کہ میرے علاوہ میرے اردگرد کی ساری دنیا بھی دیکھ سکتی تھیں۔ وہ خاموش تھی۔ واہیات طریقے پر اسے چھیڑنے کے لیے ضروری تھا کہ میرے جسم اور ذہن میں غلط قسم کی حرارت ہو۔ چنانچہ نے وسکی کے چار پیگ پیے اور اس کو عام پیسنجروں کی طرح چھیڑا۔ اس نے کوئی مزاحمت نہ کی۔ میں نے ایک زبردست فضول حرکت کی۔ میرا خیال تھا کہ وہ بارود جو اس کے اندر بھری پڑی ہے، اس کو بھک سے اڑانے کے لیے یہ چنگاری کافی ہے۔ مگر حیرت ہے کہ وہ کسی قدر پرسکون ہو گئی۔ اٹھ کر اس نے مجھے اپنی بڑی بڑی آنکھوں کے پھیلاؤ میں سمیٹتے ہوئے کہا۔

’’چرس کا ایک سگریٹ منگوا دو مجھے!‘‘

’’شراب پیو!‘‘

’’نہیں۔ چرس کا سگرٹ پیوں گی!‘‘

میں نے اسے چرس کا سگرٹ منگوا دیا۔ اسے ٹھیٹ چرسیوں کے انداز میں پی کر اس نے میری طرف دیکھا۔ اس کی بڑی بڑی آنکھیں اب اپنا تسلط چھوڑ چکی تھیں۔ مگر اسی طرح جس طرح کوئی غاصب چھوڑتا ہے۔ اس کا چہرہ مجھے ایک اجڑی ہوئی، ایک بربادشدہ سلطنت نظر آیا۔ تاخت و تاراج ملک، اس کا ہر خط، ہر خال۔ ویرانی کی ایک لکیر تھی۔ مگر یہ ویرانی کیا تھی؟۔ کیوں تھی؟۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ آبادیاں ہی ویرانوں کا باعث ہوتی ہیں۔ کیا وہ اسی قسم کی آبادی تھی جو شروع ہونے کے بعد کسی حملہ آور کے باعث ادھوری رہ گئی تھی اور آہستہ آہستہ اس کی دیواریں جو ابھی گز بھر بھی اوپر نہیں اٹھی تھیں کھنڈر بن گئی تھیں۔ میں چکر میں تھا، لیکن آپکو میں اس چکر میں نہیں ڈالنا چاہتا۔ میں نے کیا سوچا، کیا نتیجہ برآمد کیا۔ اس سے آپ کو کیا مطلب۔ سراج کنواری تھا یا نہیں۔ میں اس کے متعلق جاننا نہیں چاہتا تھا۔ سلفے کے دھوئیں میں، البتہ اس کی محزون و مخمور آنکھوں میں مجھے ایک ایسی جھلک نظر آئی تھی جس کو میرا قلم بھی بیان نہیں کرسکتا۔ میں نے اس سے باتیں کرنا چاہیں مگر اسے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ میں نے چاہا کہ وہ مجھ سے لڑے جھگڑے، مگر یہاں بھی اس نے مجھے ناامید کیا۔ میں اسے گھر چھوڑ آیا۔ ڈھونڈوکو جب میرے اس خفیہ سلسلے کا پتہ چلا تو وہ بہت ناراض ہوا۔ اس کے دوستانہ اور تاجرانہ جذبات دونوں بہت بری طرح مجروح ہوئے تھے۔ اس نے مجھے صفائی کا موقعہ نہ دیا۔ صرف اتنا کہا۔

’’منٹو صاحب آپ سے یہ امید نہ تھی!‘‘

اور یہ کہہ کر وہ کھمبے سے ہٹ کر ایک طرف چلا گیا۔ عجیب بات ہے کہ دوسرے روز شام کو وقتِ مقررہ پر وہ مجھے اپنے اڈے پر نظر نہ آیا۔ میں سمجھا شاید بیمار ہے۔ مگر اس سے اگلے روز بھی وہ موجود نہیں تھا۔ ایک ہفتہ گزر گیا۔ وہاں سے میرا صبح شام آنا جانا ہوتا تھا۔ میں جب اس کھمبے کو دیکھتا۔ مجھے ڈھونڈویاد آتا۔ میں بائی کلہ اسٹیشن کے پاس ہی جو واہیات جگہ تھی وہاں بھی گیا۔ یہ دیکھنے کے لیے سراج کہاں ہے۔ مگر وہاں اب صرف وہ کرم خوردہ کٹنی رہتی تھی۔ میں نے اس سے سراج کے متعلق پوچھا تووہ پوپلی مسکراہٹ میں لاکھوں برس کی پرانی جنسی کروٹیں بدل کر بولی۔

’’وہ گئی۔ اور ہیں۔ منگواؤں!‘‘

میں نے سوچا، اس کا کیا مطلب ہے۔ ڈھونڈو اور سراج دونوں غائب ہیں اور وہ بھی میری اس خفیہ ملاقات کے بعد۔ لیکن میں اس ملاقات کے متعلق اتنا متردو نہیں تھا۔ یہاں پھر میں اپنے خیالات آپ پر ظاہر نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے یہ حیرت ضرور تھی کہ وہ دونوں غائب کہاں ہو گئے۔ ان میں محبت کی قسم کی کوئی چیز نہیں تھی۔ ڈھونڈو ایسی چیزوں سے بالاتر تھا۔ اس کی بیوی تھی بچے تھے اور وہ ان سے بے حد محبت کرتا تھا، پھر یہ سلسلہ کیا تھا کہ دونوں بیک وقت غائب تھے۔ میں نے سوچا۔ ہوسکتا ہے کہ اچانک ڈھونڈو کے دماغ میں یہ خیال آگیا ہو کہ سراج کو واپس گھر جانا چاہیے۔ اس کے متعلق وہ پہلے فیصلہ نہیں کرسکا تھا، پر اب اچانک کرلیا ہو۔ غالباً ایک مہینہ گزر گیا۔ ایک شام اچانک مجھے ڈھونڈو نظر آیا۔ اسی کھمبے کے ساتھ، مجھے ایسا محسوس ہوا کہ جیسے بڑی دیر کرنٹ فیل رہنے کے بعد ایک دم واپس آگیا ہے اس کھمبے میں جان پڑ گئی۔ ٹیلی فون کے ڈبے میں بھی۔ چاروں طرف، اوپر تاروں کے پھیلے ہوئے جال، ایسا لگتا تھا آپس میں سرگوشیاں کررہے ہیں۔ میں اس کے پاس سے گزرا۔ اس نے میری طرف دیکھا اور مسکرایا۔ ہم دونوں ایرانی کے ہوٹل میں تھے۔ میں نے اس سے کچھ نہ پوچھا۔ اس نے اپنے لیے کوفی ملی چائے اور میرے لیے سادہ چائے منگوائی اور پہلو بدل کر اس نے ایسی نشست قائم کی کہ جیسے وہ مجھے کوئی بہت بڑی بات سنانے والا ہے، مگر اس نے صرف اتنا کہا

’’اور سناؤ منٹو صاحب۔ ‘‘

’’’کیا سنائیں ڈھونڈو۔ بس گزر رہی ہے۔ ‘‘

ڈھونڈو مسکرایا۔

’’ٹھیک کہا آپ نے۔ بس گزر رہی ہے۔ اور گزرتی جائے گی۔ لیکن یہ سالا گزرتے رہنا یا گزرنا بھی عجیب چیز ہے۔ سچ پوچھیے تو اس دنیا میں ہر چیز عجیب ہے۔ ‘‘

میں نے صرف اتنا کہا۔

’’تم ٹھیک کہتے ہو ڈھونڈو۔ ‘‘

چائے آئی اور ہم دونوں نے پینا شروع کی۔ ڈھونڈو نے پرچ میں اپنی کوفی ملی چائے انڈیلی اور مجھ سے کہا۔

’’منٹو صاحب۔ اس نے مجھے بتا دی تھی ساری بات۔ کہتی تھی، وہ سیٹھ جو تمہارا دوست ہے اس کا مستک پھرے لا ہے۔ ‘‘

میں ہنسا۔

’’کیوں؟‘‘

’’بولی۔ مجھے ہوٹل لے گیا۔ اتنے روپے دیے۔ پر سیٹھوں والی کوئی بات نہ کی۔ ‘‘

میں اپنے اناڑی پن پر بہت خفیف ہوا۔

’’وہ قصہ ہی کچھ ایسا تھا ڈھونڈو‘‘

اب ڈھونڈو پیٹ بھر کے ہنسا۔

’’میں جانتا ہوں۔ مجھے معاف کردینا کہ میں اس روز تم سے ناراض ہو گیا تھا۔ ‘‘

اس کے اندازِ گفتگو میں ان جانے میں بے تکلفی پیدا ہو گئی۔

’’پر اب وہ قصہ خلاص ہو گیا ہے!‘‘

’’کون سا قصہ؟‘‘

’’اس سالی کا سراج کا۔ اور کس کا؟‘‘

میں نے پوچھا کیا۔

’’کیا ہوا؟‘‘

ڈھونڈو گٹکنے لگا۔

’’جس روز آپ کے ساتھ گئی۔ واپس آکر مجھ سے کہنے لگی۔ میرے پاس چالیس روپے ہیں۔ چلو مجھے لاہور لے چلو۔ میں بولا سالی، یہ ایک دم تیرے سر پر کیا بھوت سوار ہوار۔ بولی، نہیں۔ چل ڈھونڈو، تجھے میری قسم۔ اور منٹو صاحب، آپ جانتے ہیں۔ میں سالی کی کوئی بات نہیں ٹال سکتا کہ مجھے اچھی لگتی ہے۔ میں نے کہا چل۔ سو ٹکٹ کٹا کے ہم دونوں گاڑیوں میں سوارہوئے۔ لاہور پہنچ کر ایک ہوٹل میں ٹھہرے۔ مجھ سے بولی۔ ڈھونڈو۔ ایک برخا لا دے میں لے آیا۔ اسے پہن کر وہ لگی سڑک سڑک اور گلی گلی گھومنے۔ کئی دن گزر گئے۔ میں بولا۔ یہ بھی اچھی رہی ڈھونڈو۔ سراج سالی کا مستک تو پھرے لا تھا۔ سالا تیرا بھی بھیجا پھر گیا جو تو اتنی دور اس کے ساتھ آگیا۔ منٹو صاحب۔ آخر ایک دن اس نے ٹانگہ رکوایا اور ایک آدمی کی طرف اشارہ کرکے مجھ سے کہنے لگی۔ ڈھونڈو۔ اس آدمی کو میرے پاس لے آ۔ میں چلتی ہوں واپس سرائے میں۔ میری عقل جواب دے گئی۔ میں ٹانگے سے اترا تو وہ غائب۔ اب میں اس آدمی کے پیچھے پیچھے۔ آپ کی دعا سے اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے۔ میں آدمی آدمی کو پہچانتا ہوں۔ دو باتیں کیں اور میں تاڑ گیا کہ موج شوق کرنے والا ہے۔ میں بولا بمبئی کا خاص مال ہے۔ بولا، ابھی چلو۔ میں بولا۔ نہیں پہلے مال پانی دکھاؤ۔ اس نے اتنے سارٹ نوٹ دکھائے۔ میں دل میں بولا۔ چلو ڈھونڈو۔ یہاں بھی اپنا دھندا چلتا رہے۔ پر میری سمجھ میں یہ بات نہیں آئی تھی کہ سراج سالی نے سارے لاہور میں اسی کو کیوں چُنا۔ میں نے کہا، چلتا ہے۔ ٹانگہ لیا اور سیدھا سرائے میں۔ سراج کو خبر کی۔ وہ بولی۔ ابھی ٹھہر۔ میں ٹھہر گیا۔ تھوڑی دیر کے بعد اس آدمی کو جو اچھی شکل کا تھا اندر لے گیا۔ سراج کو دیکھتے ہی وہ سالا یوں بدکا جیسے گھوڑا۔ سراج نے اس کو پکڑ لیا۔ ‘‘

ڈھونڈو نے یہاں پہنچ کر پیالی سے اپنی ٹھنڈی کوفی ملی چائے ایک ہی جرعے میں ختم کی اور بڑی سلگانے لگا۔ میں نے اس سے کہا۔

’’سراج نے اس کو پکڑ لیا۔ ‘‘

ڈھونڈو نے بلند آواز میں کہا۔

’’ہاں جی۔ پکڑ لیا اس سالے کو۔ کہنے لگی۔ اب کہاں جاتا ہے۔ میرا گھر چھڑا کر تو مجھے اپنے ساتھ کس لیے لایا تھا۔ میں تجھ سے محبت کرتی تھی۔ تو نے بھی مجھ سے یہی کہا تھا کہ تُو مجھ سے محبت کرتا ہے۔ پر جب میں اپنا گھر بار، اپنا ماں باپ چھوڑ کر تیرے ساتھ بھاگ نکلی اور امرتسر سے ہم دونوں یہاں آئے۔ اسی سرائے میں آکر ٹھہرے تو رات ہی رات تو بھاگ گیا۔ مجھے اکیلی چھوڑ کر۔ کس لیے لایا گیا تو مجھے یہاں۔ کس لیے بھگایا تھا تو نے مجھے۔ میں ہر چیز کے لیے تیار تھی۔ پر تو میری ساری تیاریاں چھوڑ کر بھاگ گیا۔ آ۔ اب میں نے تمہیں بلایا ہے۔ میری محبت ویسی کی ویسی قائم ہے۔ آ۔ اور منٹو صاحب، وہ اس کے ساتھ لپٹ گئی۔ اس سالے کے آنسو ٹپکنے لگے۔ رو رو کر معافیاں مانگنے لگا۔ مجھ سے غلطی ہوئی۔ میں ڈر گیا تھا۔ میں اب کبھی تم سے علیحدہ نہیں ہوں گا۔ قسمیں کھاتا رہا۔ جانے کیا بکتا رہا۔ سراج نے مجھے اشارہ کیا۔ میں باہر چلا گیا۔ صبح ہوئی تو میں باہر کھاٹ پر سو رہا تھا۔ سراج نے مجھے جگایا اور کہا۔ چلو ڈھونڈو۔ میں بولا۔ کہاں؟۔ بولی، واپس بمبئی۔ میں بولا۔ وہ سالا کہاں ہے۔ سراج نے کہا۔ سورہا ہے۔ میں اس پر اپنا بُرخا ڈال آئی ہوں۔ ‘‘

ڈھونڈو نے اپنے لیے دوسری کوفی ملی چائے کا آرڈر دیا تو سراج اندر د اخل ہوئی۔ اس کا سفید بیضوی چہرہ نکھرا ہوا تھا اور اس پر اس کی بڑی بڑی آنکھیں دو گرے ہوئے سگنل معلوم ہوتی تھیں۔

سعادت حسن منٹو