میں تو نڈھال ہو گیا، ھم تو نڈھال ہو گئے

جون ایلیا ۔ غزل نمبر 171
کون سا قافلہ ھے یہ، جس کے جرس کا ھے یہ شور
میں تو نڈھال ہو گیا، ھم تو نڈھال ہو گئے
خار بہ خار گل بہ گل فصل بہار آگئی
فصل بہار آگئی، زخم بحال ہو گئے
شور اٹھا مگر تجھے لذت گوش تو ملی
خوں بہا مگر ترے ھاتھ تو لال ہو گئے
ھم نفسان وضع دار، مستمعان بردبار
ھم تو تمہارے واسطے ایک وبال ہو گئے
جون کرو گے کب تلک اپنا مثالیہ تلاش
اب کئی ہجر ہو چکے اب کئی سال ہو گئے
جون ایلیا

تبصرہ کریں