اس حوالے سے اپنی حقیقت سمجھ

آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 46
اس کڑے وقت کی قدر و قیمت سمجھ
اس حوالے سے اپنی حقیقت سمجھ
جو نہیں ، اُس پہ اتنی توجہ نہ دے
اور جو ہے، اُسی کو غنیمت سمجھ
سب سے تنہا بھی ہوں ، سب سے گنجان بھی
تو خُدا کی طرح میری حالت سمجھ
اِس پہ پلتے ہیں سب سورما شہر کے
میرے افلاس کو میری دولت سمجھ
زندگی کھیل نابالغوں کا نہیں
اپنے نقصان کو فائدہ مت سمجھ
ہے فلک گیر زورِ ارادہ میرا
اس زمانے کو میری ولایت سمجھ
آفتاب اقبال شمیم

تبصرہ کریں