یعنی شب کو جاگئے صبح کو دفتر جائیے

آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 34
روز کی یکساں مسافت پر مکرر جائیے
یعنی شب کو جاگئے صبح کو دفتر جائیے
یہ زمانے بھر کی باتیں ختم ہوتی ہیں کہاں
رات کافی ہو چکی اب جائیے گھر جائیے
بیٹھئے سر تان کر گاہے صلیبوں کے تلے
اور گاہے آپ اپنی چاپ سے ڈر جائیے
تب ہو آغاز سفر جب آنکھ لو دینے لگے
اس شبِ تاریک میں ہو کر منور جائیے
آنکھ کو حسرت کہ بہرِ دید سو عمریں ملیں
اور دل چاہے کہ اُس بے مہر پر مر جائیے
ایک ان سلجھی پہیلی ہے جسے دنیا کہیں
آئیے اوسان لے کر اور ششدر جائیے
نا امیدی میں بھی وابستہ رہیں اُمید سے
ہو سکے تو اُسکی خاطر کچھ نہ کچھ کر جائیے
آفتاب اقبال شمیم

تبصرہ کریں