آفتاب اقبال شمیم ۔ غزل نمبر 33
وُہ جامِ فتح ہو کہ وُہ جامِ شکست ہو
پی کر بقدرِ حوصلہ مے خوار مست ہو
پھر کیوں نہ آدمی ہو ثمر ایسے باغ کا
اسبابِ خیر و شر کا جہاں بندوبست ہو
خبروں میں بل پڑے ہوئے شیشے کا وصف ہے
شاید کہ تم بلند ہو شاید کہ پست ہو
ہر ہاں نہیں میں اور نہیں ہاں میں رونما
جیسے یہ ہست بود ہو اور بود ہست ہو
مشکل نہیں ہے وارنا احساں پہ عدل کا
فطرت میں آدمی نہ اگر تنگ دست ہو
اتنا ہوا کہ سنگ کو تجرید مل گئی
تم مان لو کہ اصل میں تم بت پرست ہو
آفتاب اقبال شمیم