پھر بھی دُنیا میں خسارہ سر بہ سر آنکھوں کا ہے

عرفان صدیقی ۔ غزل نمبر 320
کھیل سب آنکھوں کا ہے سارا ہنر آنکھوں کا ہے
پھر بھی دُنیا میں خسارہ سر بہ سر آنکھوں کا ہے
ہم نہ دیکھیں گے تو یہ منظر بدل جائیں گے کیا
دیکھنا ٹھہرا تو کیا نفع و ضرر آنکھوں کا ہے
سوچنا کیاہے ابھی کارِ نظر کا ماحصل
ہم تو یوں خوش ہیں کہ آغازِ سفر آنکھوں کا ہے
رفتہ رفتہ سارے چہرے درمیاں سے ہٹ گئے
ایک رشتہ آج بھی باقی مگر آنکھوں کا ہے
راستہ کیا کیا چراغوں کی طرح تکتے تھے لوگ
سلسلہ آنکھوں میں تا حدِ نظر آنکھوں کا ہے
تھک چکے دونوں تماشہ گاہِ عالم دیکھ کر
آؤ سو جائیں کہ ان آنکھوں میں گھر آنکھوں کا ہے
عرفان صدیقی

تبصرہ کریں