منصور آفاق ۔ غزل نمبر 59
ہجوم عاشقاں میں اک شگاف ہوتا ہوا
یہ کون ہیں کہ رکا ہے طواف ہوتا ہوا
خیال آ گیا لاکھوں کروڑوں تاروں کا
پلٹ پڑا میں کہیں انکشاف ہوتا ہوا
لے آیا ہے مجھے خوشبو بھری عمارت میں
کسی گلی سے مرا اختلاف ہوتا ہوا
طوافِ وجدِمسلسل سے عرش تک پہنچا
میں خانہ کعبہ کا روشن غلاف ہوتا ہوا
بس عین وقت پہ دستک ہوئی وہاں منصور
زباں پہ رہ گیا، پھر اعتراف ہوتا ہوا
منصور آفاق