ورنہ ہر زخم نصیبِ سر مژگاں نکلا

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 41
آپ کا غم ہی علاجِ غم دوراں نکلا
ورنہ ہر زخم نصیبِ سر مژگاں نکلا
اور کیا چیز مرے نامہء اعمال میں تھی
آپ کا نام تھا بخشش کا جو ساماں نکلا
محشرِ نور کی طلعت ہے، ذرا حشر ٹھہر
آج مغرب سے مرا مہر درخشاں نکلا
آپ کی جنبشِ لب دہر کی تقدیر بنی
چشم و ابرو کا چلن زیست کا عنواں نکلا
ظن و تخمینِ خرد اور مقاماتِ حضور؟
شیخ کم بخت بھی کس درجہ ہے ناداں نکلا
جب بھی اٹھی کہیں تحریک سحر کی منصور
غور کرنے پہ وہی آپﷺ کا احساں نکلا
منصور آفاق

تبصرہ کریں