اک مستقل فراق کے پہلو میں کیوں رہوں

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 15
میرا خیال ہے کوئی پردہ اٹھا ہی دوں
اک مستقل فراق کے پہلو میں کیوں رہوں
مے خانۂ حیات میں محرم کوئی نہیں
شاید میں کائنات کا پہلا شعور ہوں
سورج کو میری آنکھ بجھا ہی نہ دے کہیں
پروردگارِ دشت ہوں پیغمبرِ جنوں
دن بھر تلاش کرتا ہوں تعبیر کس لیے
ہر رات ایک خواب کے ہوتا ہوں ساتھ کیوں
بستی سے جا رہی ہے پرندوں بھری ٹرام
تُو ساتھ دے اگر تو کہیں میں بھی چل پڑوں
کیوں آنکھ میں سجا کے سمندر کے ولولے
حیرت سے دیکھتا ہوں کسی چاند کا فسوں
کوئی نشانی میری کسی ہاتھ میں تو ہو
منصور کس کو جا کے میں سونے کا رِنگ دوں
منصور آفاق

اک مستقل فراق کے پہلو میں کیوں رہوں” پر 1 تبصرہ

تبصرہ کریں