اب کھٹکتی ہے نظر آنکھوں میں

باقی صدیقی ۔ غزل نمبر 115
کر لیا آپ نے گھر آنکھوں میں
اب کھٹکتی ہے نظر آنکھوں میں
خواب بن بن کے بکھرتا ہے جہاں
شام سے تابہ سحر آنکھوں میں
صبح کی فکر میں رہنے والے
رات کرتے ہیں بسر آنکھوں میں
کھل گیا راز گلستاں دل پر
چبھ رہے ہیں گل تر آنکھوں میں
روز اک طرفہ تماشا بن کر
وقت کرتا ہے سفر آنکھوں میں
بات چھیڑی تو ہے ان کی باقیؔ
آ گئے اشک اگر آنکھوں میں
باقی صدیقی

تبصرہ کریں