رفاقت

سبز موسم کی بے حد خنک رات تھی

چنبیلی کی خوشبو سے بوجھل ہُوا

دھیمے لہجوں میں سرگوشیاں کر رہی تھی

ریشمیں اوس میں بھیگ کر

رات کا نرم آنچل بدن سے لپٹنے لگا تھا

ہارسنگھار کی نرم خوشبو کا جادو

جواں رات کی سانس میں گُھل رہا تھا

چاندنی،رات کی گود میں سر رکھے ہنس رہی تھی

اور میں سبز موسم کی گلنار ٹھنڈک میں کھوئی ہُوئی

شاخ در شاخ

ایک تیتری کی طرح اُڑ رہی تھی

کبھی اپنی پرواز میں رُک کے نیچے جوآتی تو احساس ہوتا مجھے

شبنمی گھاس کا لمس پاؤں کو کتنا سکوں دے رہا ہے!

دفعتاً

میں نے ٹی ۔وی کی خبروں پہ موسم کی بابت سُنا

ترے شہر میں لُو چلی ہے

ایک سو آٹھ سے بھی زیادہ حرارت کا درجہ رہا ہے

مجھے یوں لگا

میرے چاروں طرف آگ ہی آگ ہے

ہوائیں جہنم سے آنے لگی ہیں

تمازت سے میرا بدن پُھنک رہا ہے

میں اُس شبنمی رُوح پرور فضا کو جھٹک کر

کچھ اس طرح کمرے میں اپنے چلی آئی

جیسے کہ اک لمحہ بھی اور رک جاؤں گی تو جھلس جاؤں گی!

پھر بڑی دیر تک،

تیرے تپتے ہُوئے جسم کو

اپنے آنچل سے جھلستی رہی

تیرے چہرے سے لپٹی ہُوئی گرد کو

اپنی پلکوں سے چُنتی رہی

رات کو سونے سے پہلے

اپنی شب خوابیوں کا لبادہ جو پہنا

تو دیکھا

مرے جسم پر آبلے پڑ چکے تھے!

لمحہ لمحہ وقت کی جھیل میں ڈُوب گیا

اب پانی میں اُتریں بھی تو پائیں کیا

طوفان جب آیا تو جھیل میں کُود پڑ

ا وہ لڑکا جو کشتی کھیلنے نکلا تھا

کتنی دیر تک اپنا آپ بچائے گی

ننھی سی اِک لہر کو موجوں نے گھیرا

اپنے خوابوں کی نازک پتواروں سے

تیر رہا ہے سطحِ آپ پہ اِک پتہ

ہلکی ہلکی لہریں نیلم پانی میں

دھیرے دھیرے ڈولے یاقوتی نیّا

شبنم کے رُخساروں پر سُورج کے ہونٹ

ٹھہرگیا ہے وصل کا اِک روشن لمحہ

چاند اُتر آیا ہے گہرے پانی میں

ذہن کے آئینے میں جیسے عکس ترا

کیسے ان لمحوں میں تیرے پاس آؤں

ساگر گہرا،رات اندھیری ،میں تنہا

ٹھہر کے دیکھے تو رُک جائے نبض ساعت کی

شبِ فراق کی قامت ہے کسقیامت کی

وہ رت جگے،وہ گئی رات تک سخن کاری

شبیں گزاری ہیں ہم نے بھی کُچھ ریاضت کی

وہ مجھ کو برف کے طوفاں میں کیسے چھوڑ گیا

ہَوائے سرد میں بھی جب مری حفاظت کی

سفر میں چاند کا ماتھا جہاں بھی دُھندلایا

تری نگاہ کی زیبائی نے قیادت کی!

ہَوا نے موسمِ باراں سے سازشیں کر لیں

مگر شجر کو خبر ہی نہیں شرارت کی

پروین شاکر

تبصرہ کریں