ٹیگ کے محفوظات: پتّیاں

نہیں ہے کوئی بھی اپنا مزاج داں لوگو

ہر ایک بات ہے منّت کشِ زباں لوگو
نہیں ہے کوئی بھی اپنا مزاج داں لوگو
کچھ اس طرح وہ حقائق کو سن کے چونک اٹھے
بکھر گئیں سرِ محفل پہیلیاں لوگو
مرے لبوں سے کوئی بات بھی نہیں نکلی
مگر تراش ،کیں تم نے کہانیاں لوگو
بہارِ نو بھی انہیں پھر سجا نہیں سکتی
بکھر گئی ہیں جو پھولوں کی پتّیاں لوگو
بڑا زمانہ ہوا آشیاں کو راکھ ہوۓ
مگر نگاہ ہے اب تک دھواں دھواں لوگو
خطا معاف کہ مے سے شکیبؔ منکر ہے
اسے عزیز ہیں دنیا کی تلخیاں لوگو
شکیب جلالی

چاہتا تھا وہ ایسا سماں دیکھنا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 47
خلقتِ شہر کو بے زباں دیکھنا
چاہتا تھا وہ ایسا سماں دیکھنا
تِیر ہوتا ہے دیکھیں ترازو کہاں
تن چکی پھر فلک کی کماں دیکھنا
دو ہی منظر قفس میں بہم تھے ہمیں
تِیلیاں دیکھنا۔۔۔۔آسماں دیکھنا
بچپنے سے لگی ہے یہی دھُن ہمیں
گل بہ گل آس کی تتلیاں دیکھنا
کیوں وطیرہ ہی ماجد تِرا ہو گیا
شاخِ گل سے جھڑی پتّیاں دیکھنا
ماجد صدیقی

وہ آدمی تھا غلط فہمیاں بھی رکھتا تھا

عرفان صدیقی ۔ غزل نمبر 46
مروّتوں پہ وفا کا گماں بھی رکھتا تھا
وہ آدمی تھا غلط فہمیاں بھی رکھتا تھا
بہت دِنوں میں یہ بادل اِدھر سے گزرا ہے
مرا مکان کبھی سائباں بھی رکھتا تھا
عجیب شخص تھا، بچتا بھی تھا حوادث سے
پھر اپنے جسم پہ الزامِ جاں بھی رکھتا تھا
ڈبو دیا ہے تو اَب اِس کا کیا گلہ کیجیے
یہی بہاؤ سفینے رواں بھی رکھتا تھا
توُ یہ نہ دیکھ کہ سب ٹہنیاں سلامت ہیں
کہ یہ درخت تھا اور پتّیاں بھی رکھتا تھا
ہر ایک ذرّہ تھا گردش میں آسماں کی طرح
میں اپنا پاؤں زمیں پر جہاں بھی رکھتا تھا
لپٹ بھی جاتا تھا اکثر وہ میرے سینے سے
اور ایک فاصلہ سا درمیاں بھی رکھتا تھا
عرفان صدیقی