ٹیگ کے محفوظات: مہکار

یہ بھی سُن لو حق کی آخر جیت ہی ہو گی، ہار نہیں

پتّھر مارو، دَار پہ کھینچو، مَرنے سے انکار نہیں
یہ بھی سُن لو حق کی آخر جیت ہی ہو گی، ہار نہیں
اپنے خونِ جگر سے ہَم نے کُچھ ایسی گُل کاری کی
سب نے کہا یہ تختہِ گُل ہے، زِنداں کی دیوار نہیں
سُوکھی بیلیں، داغی کلیاں، زخمی تارے، روگی چاند
ایک ہی سب کا حال ہے یارو، کون یہاں بیمار نہیں
اَب بھی اثر ہے فصلِ خزاں کا، باغ کے بُوٹے بُوٹے پر
دیکھو تو بے رنگ ہیں کلیاں ، سونگھو تو مہکار نہیں
باغ کا نقشہ بدلو یا پھر چھین لو ہم سے تابِ نظر!
سب کچھ دیکھیں ، کچھ نہ کہیں ہم !اس کے لیے تیار نہیں
طوفاں طوفاں گھوم چکے ہم ساحل ساحل دیکھ آئے
مرنا جینا کھیل ہے یارو، کھیل کوئی دشوار نہیں
زلزلو جاگو، آندھیو آؤ، آج اپنی سی کر دیکھو
کوہِ گراں ہیں اپنی جگہ پر، ریت کی ہم دیوار نہیں
شکیب جلالی

ندی بھی ہے سبک رفتار مجھ سے

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 544
یہ گہرے سبز سے کہسار مجھ سے
ندی بھی ہے سبک رفتار مجھ سے
زمانہ ہے سحر آثار مجھ سے
ملو آ کے افق کے پار مجھ سے
اسے ہر بار ایسے دیکھتا ہوں
ملا ہے جیسے پہلی بار مجھ سے
طلب کی آخری حد آ گئی ہے
وہ آئے اور سنے انکار مجھ سے
مری تقدیر میں بربادیاں ہیں
کہے ٹوٹا ہوا اوتار مجھ سے
سمجھ کر دھوپ مجھ کو زندگی کی
گریزاں سایہء دیوار مجھ سے
درختوں پر میں بارش کی طرح ہوں
ہوا میں خاک کی مہکار مجھ سے
مسلسل لفظ ہیں کرب و بلا میں
سرِ نوکِ سناں اظہار مجھ سے
منائیں لوگ جشن فتح مندی
فقط نسبت ہے تیری ہار مجھ سے
پڑا کوئے ملامت میں کہیں ہوں
تعلق کیا رکھے دستار مجھ سے
میں شب بھر چاند کو منصور دیکھوں
یہ چاہے دیدئہ بیدار مجھ سے
منصور آفاق