ٹیگ کے محفوظات: ممنون

یہ عجب پیار کے قانون ہوئے جاتے ہیں

دل گرفتہ ہیں ، جگر خون ہوئے جاتے ہیں
یہ عجب پیار کے قانون ہوئے جاتے ہیں
اس قرینے سے گُنہ گار ہوئے ہیں رُسوا
اہلِ تقدیس بھی مطعون ہوئے جاتے ہیں
ہم تو ہر غم کو محبت کا تقاضا سمجھے
کیا خبر تھی ترے ممنون ہوئے جاتے ہیں
قلبِ خوددار شکستہ تو محبت زخمی
میرے محسن کے کئی خون ہوئے جاتے ہیں
دولتِ اُنس و محبت ہے فقط اِن کا نصیب
میرے احباب تو قارون ہوئے جاتے ہیں
اپنا کہتے ہوئے ڈرتی ہے مری سادہ رَوی
اس قدر شوخ سے مضمون ہوئے جاتے ہیں
جس قدر تجھ پہ لٹاتے ہیں متاعِ ہستی
اتنے ہی ہم ترے مرہون ہوئے جاتے ہیں
شکیب جلالی