آندھی چلے کہیں بھی، بکھرتا تو میں بھی ہوں
کوئی کہیں بھی قتل ہو، مرتا تو میں بھی ہوں
مکر و فریب، کذب و تکبّر، منافقت
کہتا ہوں سب سے مت کرو، کرتا تو میں بھی ہوں
لب بستہ ہیں سبھی، کہ سبھی کو ہے جاں عزیز
سچ پوچھیے تو موت سے ڈرتا تو میں بھی ہوں
اپنے کہے کا پاس کسی کو نہیں، تو کیا
باتوں سے اپنی کہہ کے مکرتا تو میں بھی ہوں
کہتے ہیں سب کہ اُن کا نہیں ہے کوئی قصور
الزام دوسروں پہ ہی دھرتا تو میں بھی ہوں
کیا ہے جو اب کسی کو کسی کا نہیں خیال
آنکھیں چرا کے سب سے گزرتا تو میں بھی ہوں
عرفان، بے حسی کے سِوا کچھ نہیں وہاں
اکثر نشیبِ دل میں اترتا تو میں بھی ہوں
عرفان ستار