ٹیگ کے محفوظات: صدی

خود سے ہی اپنی ہم سری کب تک

اتنا احساسِ کمتری کب تک
خود سے ہی اپنی ہم سری کب تک
چپ خزاؤں میں ٹوٹے پتوں کی
مرتی آواز گونجتی کب تک
بے رخی کا نہیں ہے کوئی گلہ
پر یہ نظروں کی یک رخی کب تک
درد کا پل ہے یا ہے ایک صدی
اور گزرے گی یہ صدی کب تک
کوئی دریا تو آئے رستے میں
بہتی جائے گی یہ ندی کب تک
اب تو چند ایک سانس باقی ہیں
اور وہ چند ایک بھی کب تک
مدرسے میں سخن کے سب استاد
ایک یاؔور ہی مبتدی!! کب تک؟
یاور ماجد

مُطربہ چھیڑ دے خوشی کے گیت

لے اُڑی ہے صَبا کلی کے گیت
مُطربہ چھیڑ دے خوشی کے گیت
ہم سے پہلے کہاں تھا سوز و گداز
ساز بے سُر تھے اور پھیکے گیت
نیند میں زہر گھول دیتے ہیں
رات کو ایک اجنبی کے گیت
موج رہ رہ کے سر کو دُھنتی ہے
کتنے سندر ہیں جل پری کے گیت
تم تو سرگوشیوں میں کھوئے رہے
کب سُنے تم نے خامُشی کے گیت
موت کے سامنے بھی لہرا کر
ہم نے گائے ہیں زندگی کے گیت
جس کا دُکھ درد تم نہ بانٹ سکے
بُھول بھی جاؤ اُس کوی کے گیت
گونجتے ہیں، شکیبؔ، خوابوں میں
آنے والی کسی صدی کے گیت
شکیب جلالی

بلا کی حالتِ شوریدگی میں آئے تھے

جون ایلیا ۔ غزل نمبر 197
وہ اہلِ حال جو خود رفتگی میں آئے تھے
بلا کی حالتِ شوریدگی میں آئے تھے
کہاں گئے کبھی ان کی خبر تو لے ظالم
وہ بےخبر جو تیری زندگی میں آئے تھے
گلی میں اپنی گِلہ کر ہمارے آنے کا
کہ ہم خوشی میں نہیں سرخوشی میں آئے تھے
کہاں چلے گئے اے فصلِ رنگ و بُو وہ لوگ
جو زرد زرد تھے اور سبزگی میں آئے تھے
نہیں ہے جن کے سبب اپنی جانبری ممکن
وہ زخم ہم کو گزشتہ صدی میں آئے تھے
تمہیں ہماری کمی کا خیال کیوں آتا
ہزار حیف ہم اپنی کمی میں آئے تھے
جون ایلیا