ٹیگ کے محفوظات: شیطان

میں پتھر کے پان بنانے والا تھا

ہر مشکل آسان بنانے والا تھا
میں پتھر کے پان بنانے والا تھا
خوابوں کی تاویل سمجھ سے باہر تھی
جب میں پاکستان بنانے والا تھا
میری موت نے رستہ روکا ورنہ میں
لیّہ کو یونان بنانے والا تھا
حق باہو، حق باہو کہہ کر ایک فقیر
باہو کو سلطان بنانے والا تھا
مجھ ایسا بہلول کہاں سے لاؤ گے
نار سے جو ناران بنانے والا تھا
شہزادی نے جس کی خاطر زہر پیا
اک دیہاتی، نان بنانے والا تھا
آپ نے میرا ہاتھ نہ تھاما ہوتا تو
میں خود کو شیطان بنانے والا تھا
دروازوں کی شاکھ بچانے کی خاطر
دیواروں کے کان بنانے والا تھا
آپ کی اک اک بات غزل میں ڈھال کے میں
آن کی آن میں تان بنانے والا تھا
افتخار فلک

کھنچ کر لبوں پہ آنے لگی جان دیکھنا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 9
ہم پر طبیبِ وقت کا احسان دیکھنا
کھنچ کر لبوں پہ آنے لگی جان دیکھنا
ہنگامِ صبح شاخ پہ کھِلنے لگے ہیں کیوں
غنچوں پہ اِس طرح کے بھی بہتان دیکھنا
سینوں کو ہے جو سانس بہم، اِس فتور پر
لب دوختوں پہ اور بھی تاوان دیکھنا
لے کر خُدا سے مہلتِ فکر و عمل ہمیں
مروا ہی دے نہ پھر کہیں شیطان دیکھنا
فرہاد کو تو قربتِ شیریں دلا چکا
کرتا ہے اور کیا دلِ نادان، دیکھنا
تنکوں کو زورِ موج سے کیا فرصتِ گریز
اَب بھی یہی ہے وقت کا، فرمان دیکھنا
ماجدؔ کہو سخن، مگر اپنی بساط کا
ہونے لگو نہ خود ہی پشیمان دیکھنا
ماجد صدیقی

جان حیران ہو گئی ہو گی

جون ایلیا ۔ غزل نمبر 148
جب تری جان ہو گئی ہو گی
جان حیران ہو گئی ہو گی
شب تھا میری نگاہ کا بوجھ اس پر
وہ تو ہلکان ہو گئی ہو گی
اس کی خاطر ہوا میں خار بہت
وہ میری آن ہو گئی ہو گی
ہو کے دشوار زندگی اپنی
اتنی آسان ہو گئی ہو گی
بے گلہ ہوں میں اب بہت دن سے
وہ پریشان ہو گئی ہو گی
اک حویلی تھی دل محلے میں
اب وہ ویران ہو گئی ہو گی
اس کے کوچے میں آئی تھی شیریں
اس کی دربان ہو گئی ہو گی
کمسنی میں بہت شریر تھی وہ
اب تو شیطان ہو گئی ہو گی
جون ایلیا