ٹیگ کے محفوظات: شر

وہ بے گھری کہ جو ہوتی ہے گھر کے ہوتے ہُوئے

نہ سمجھے اہلِ نظر بھی نظر کے ہوتے ہُوئے
وہ بے گھری کہ جو ہوتی ہے گھر کے ہوتے ہُوئے
تلاشِ وسعتِ صحرا ہو نطق و لہجے کو
تَو کون بولے گا دِیوار و دَر کے ہوتے ہُوئے
تِرے جنوں میں یقیناً کمی رَہی ہو گی
جو سَر جھُکا دِیا سَودائے سَر کے ہوتے ہُوئے
اَزَل اَبَد کی نظر بندیاں معاذ اللہ
یہ اِک عذاب ہے ذَوقِ نظر کے ہوتے ہُوئے
حواس و ہوش سے ہَم کو شکایتیں کیسی؟
شکار ہو گئے ہَم بال و پَر کے ہوتے ہُوئے
ہَر ایک سانس میں ہے ایک دَشتِ تَنہائی
سَفَر میں رہتا ہُوں میں اَپنے گھر کے ہوتے ہُوئے
سُکونِ قَلب کو اِس اَنجمن سے کیا نِسبَت
بَھلا بَتائیے! اِس شور و شَر کے ہوتے ہُوئے
یہاں کے بعد وہاں کی بھی فکر ہے ضامنؔ
اِک اَور بوجھ ہے اِس بارِ سَر کے ہوتے ہُوئے
ضامن جعفری

تمام شہر جَلا اُس کے گھر کا ذکر نہیں

امیرِ شہر کے دستِ ہُنَر کا ذکر نہیں
تمام شہر جَلا اُس کے گھر کا ذکر نہیں
پڑھا ہے ہم نے بہت ہاتھ کی لکیروں کو
کِسی معاہدہِ خَیر و شَر کا ذکر نہیں
تمہارے حُسن کی تاریخ نامکمّل ہے
کسی جگہ مرے حُسنِ نظر کا ذکر نہیں
صلیب و دار کے سائے میں ہے تمام سَفَر
میں جس سَفَر میں ہُوں اُس میں شَجَر کا ذکر نہیں
تمہاری سنگ دِلی کی گواہ ہے تاریخ
کسی وَرَق پہ کَہیِں در گُزر کا ذکر نہیں
بہت عجیب ہیں دیدہ وَران نَو ضامنؔ
نظر کا زعم ہے اہلِ نظر کا ذکر نہیں
ضامن جعفری

یعنی مرگ و فنا کا نامہ بر ٹھہروں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 13
سُوکھا پتّا یا میں اُڑتا پر ٹھہروں
یعنی مرگ و فنا کا نامہ بر ٹھہروں
اپنے آپ میں رہنا ہی کیا ٹھیک نہیں
آسمان کا میں کیوں کر ہمسر ٹھہروں
کُوچۂ حرص میں اپنی خیر منانے کو
خیر کا مدِمقابل ٹھہروں، شر ٹھہروں
خبر خبر ہیں چَوکھٹے نت نت ماتم کے
سوچتا ہوں کس کس کا نوحہ گر ٹھہروں
مثلِ صبا اپنا جی بھی بس چاہے یہی
غنچہ غنچہ چٹکوں، پیغمبر ٹھہروں
کسے خبر کل نطق کے ناطے نگر نگر
میں بے قیمت بھی گنجینۂ زر ٹھہروں
ماجد صدیقی

جو سیر کر دے رُوح کو ایسا کوئی منظر نہیں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 37
یادوں کا نقشِ دلنشیں دِل میں کوئی کیونکر نہیں
جو سیر کر دے رُوح کو ایسا کوئی منظر نہیں
وُہ جس جگہ ہے اُس جگہ جانا کسی کا سہل کب
تُجھ بِن صبا! اپنا کوئی اب اور نامہ بر نہیں
ہم آپ تو ہیں دمبخود،ہم سے ملے جو وہ کہے
تُم لوگ ہو جس جَیش میں اُس کا کوئی رہبر نہیں
ہے کس جگہ چلنا ہمیں رُکنا کہاں بِچھنا کہاں
ہے درس ایسا کون سا وُہ جو ہمیں ازبر نہیں
جو دب گیا وُہ صید ہے،چڑھ دوڑتا صیّاد ہے
ابنائے آدم ہیں جہاں،بالائے خیر و شر نہیں
کُچھ یہ کہیں کُچھ وہ کہیں ہم کیاکہیں کیا ٹھیک ہے
ماجِد ہی ذی دانش یہاں، ماجِد ہی دانشور نہیں
ماجد صدیقی

جذبۂ رشک و رقابت ہے جگر میں اُترا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 70
اُس سے جو فرقِ ممالک ہے نظر میں اُترا
جذبۂ رشک و رقابت ہے جگر میں اُترا
کاش یہ سوچتا میں ساکھ نہ کھو دوں اپنی
میں کہ تھا پہلے پہل پہلوئے شر میں اُترا
ماجد صدیقی

کھِل اُٹھا ہے حاصلِ شر دیکھ کر

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 12
وُہ مرے ٹُوٹے ہوئے پر دیکھ کر
کھِل اُٹھا ہے حاصلِ شر دیکھ کر
حرفِ حق پر ہے گماں کُچھ اور ہی
ہاتھ میں بچّوں کے پتھر دیکھ کر
کیا کہوں کھٹکا تھا کس اِنکار کا
کیوں پلٹ آیا ہُوں وُہ در دیکھ کر
آنکھ میں رقصاں ہے کیا سیندھور سا
آ رہا ہوں کس کا پیکر دیکھ کر
بال آنے پر جُڑے شیشہ کہاں
کہہ رہا ہے آئنہ گر، دیکھ کر
یاد آتا ہے وُہ کم آمیز کیوں
جیب میں مزدور کی زر دیکھ کر
دیکھنا ماجدؔ، دیا بن باس کیا
موج کو دریا نے خود سر دیکھ کر
ماجد صدیقی

کس کے ہاتھوں آ لگا مجھ کو یہ پتّھر دیکھنا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 28
کون سا الزام آیا ہے مرے سر، دیکھنا
کس کے ہاتھوں آ لگا مجھ کو یہ پتّھر دیکھنا
خستوں نے کس قدر قامت تمہاری پست کی
رازقو! یہ فرق بھی دل میں اُتر کر دیکھنا
کرچیوں کی شکل میں پلکوں تلک جو آ گیا
یہ مرا دل ہے اسے بھی آئنہ گر! دیکھنا
پھُول سا ہر صبح رکھ لینا اُسے پیشِ نظر
چاند سا ہر دم اُسے اپنے برابر دیکھنا
گھونسلوں میں پھیلتی اِک آبشارِ نغمگی
اور پھر زیرِ شجر بکھرے ہوئے پر دیکھنا
حفظِ جاں کے عُذر کے ہوتے نجانے کس طرف
لے گئی انساں کو ماجدؔ، قوتِ شر دیکھنا
ماجد صدیقی

اک ہمیں ہیں کہ نہیں نرغۂِ شر سے نکلے

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 74
خس و خاشاک بھی کب کے ہیں بھنور سے نکلے
اک ہمیں ہیں کہ نہیں نرغۂِ شر سے نکلے
زخم وہ کھل بھی تو سکتا ہے سِلایا ہے جسے
ہم بھلا کب ہیں حدِ خوف و خطر سے نکلے
یہ سفر اپنا کہیں جانبِ محشر ہی نہ ہو
ہم لیے کس کا جنازہ ہیں یہ گھر سے نکلے
کل جو ٹپکے تھے سرِ کوچۂِ کوتہ نظراں
اشک اب کے بھی وہی دیدۂ تر سے نکلے
عکس کچھ اپنا ہی آئینہ حالات میں تھا
سٹپٹائے ہوئے جب دامِ سفر سے نکلے
کون کہہ سکتا ہے ماجدؔ کہ بایں کم نگہی
حشر کیا ساعتِ آئندہ کے در سے نکلے
ماجد صدیقی

سو پر وا ہوئے نہ قفس کے بھی در پر

دیوان پنجم غزل 1609
بھروسا اسیری میں تھا بال و پر پر
سو پر وا ہوئے نہ قفس کے بھی در پر
سواران شائستہ کشتے ہیں تیرے
نہ تیغ ستم کر علم ہر نفر پر
کھلا پیش دنداں نہ اس کا گرہچہ
کنھوں نے بھی تھوکا نہ سلک گہر پر
جلے کیوں نہ چھاتی کہ اپنی نظر ہے
کسو شوخ پرکار رعنا پسر پر
نہ محشر میں چونکا مرا خون خفتہ
وہی تھا یہ خوابیدہ اس شور و شر پر
کئی زخم کھا کر تڑپتا رہا دل
تسلی تھی موقوف زخم دگر پر
سنا تھا اسے پاس لیکن نہ پایا
چلے دور تک ہم گئے اس خبر پر
سرشب کہے تھا بہانہ طلب وہ
گھڑی ایک رات آئی ہو گی پہر پر
کوئی پاس بیٹھا رہے کب تلک یوں
کہو ہو گی رخصت گئے اب سحر پر
جہاں میں نہ کی میر اقامت کی نیت
کہ مشعر تھا آنا مرا یاں سفر پر
میر تقی میر

لگی ہے آگ اک میرے جگر میں

دیوان سوم غزل 1207
شرر سے اشک ہیں اب چشم تر میں
لگی ہے آگ اک میرے جگر میں
نگین عاشق و معشوق کے رنگ
جدا رہتے ہیں ہم وے ایک گھر میں
بلا ہنگامہ تھا کل اس کے در پر
قیامت گم ہوئی اس شور و شر میں
بگولے کی روش وحشت زدہ ہم
رہے برچیدہ دامن اس سفر میں
سماں یاں سانجھ کا سا ہو نہ جاتا
اثر ہوتا اگر آہ سحر میں
لچکنے ہی نے ہم کو مار رکھا
کٹاری تو نہ تھی اس کی کمر میں
رہا تھا دیکھ اودھر میر چلتے
عجب اک ناامیدی تھی نظر میں
میر تقی میر

فصیلیں توڑتا رہتا ہوں ، در بناتا ہوں

منصور آفاق ۔ غزل نمبر 277
میں رابطوں کے مکاں معتبر بناتا ہوں
فصیلیں توڑتا رہتا ہوں ، در بناتا ہوں
اڑان دیکھ مرے آہنی پرندوں کی
مسیح میں بھی ہوں لوہے کے پر بناتا ہوں
فروغ دیدئہ ابلاغ کے وسیلے سے
یہ اپنے آپ کو کیا باخبر بناتا ہوں
خدا کی شکل بنانی پڑے گی کاغذ پر
میں اپنا باطنی چہرہ اگر بناتا ہوں
سمٹ گئے ہیں جہاں تو مرے ہتھیلی میں
سو اب میں ذات کے اندر سفر بناتا ہوں
یونہی یہ لفظ چمکتے نہیں اندھیرے میں
جلا جلا کے کتابیں شرر بناتا ہوں
نکل پڑے نہ زمانہ مرے تعاقب میں
سو نقش پا بھی بہت سوچ کر بناتا ہوں
بس ایک صرف سناتا ہوں آیتِ منسوخ
فروغ خیر سے تہذیبِ شر بناتا ہوں
مرے دماغ میں بس عنکبوت رہتے ہیں
میں وہم بنتا ہوں خوابوں میں ڈر بناتا ہوں
اکھیڑ دیتا ہوں نقطے حروف کے منصور
میں قوسیں کاٹ کے تازہ ہنر بناتا ہوں
منصور آفاق