ٹیگ کے محفوظات: بہکایا

سوچتا ہوں کون کون آیا گیا

قمر جلالوی ۔ غزل نمبر 30
ڈھونڈنے پر بھی نہ دل پایا گیا
سوچتا ہوں کون کون آیا گیا
بت کے میں مدتوں کھائے فریب
بارہا کعبہ میں بہکایا گیا
ناصحا میں یہ نا سمجھا آج تک
کیا سمجھ کر مجھ کو سمجھایا گیا
قمر جلالوی

اس کو اپنے ساتھ لیں آرائش دنیا کریں

جون ایلیا ۔ غزل نمبر 97
ہے تمنا ہم نئے شام و سحر پیدا کریں
اس کو اپنے ساتھ لیں آرائش دنیا کریں
ہم کریں قائم خود اپنا اک دبستان نظر
اور اسرار رموز زندگی افشا کریں
دفتر حکمت کے شک پرور مباحث چھیڑ کر
شہر دانش کے نئے ذہنوں کو بہکایا کریں
اپنے فکر تازہ پرور سے بہ انداز نویں
حکمت یونان و مصر و روم کا احیا کریں
ہو خلل انداز کوئی بھی نہ استغراق میں
ہم یونہی تا دیر آں سوئے افق دیکھا کریں
رات دن ہوں کائناتی مسٗلے پیشِ نظر
اور جب تھک جائیں تو اس شوخ کو چھیڑا کریں
جون ایلیا

دیدئہ تر ابر سا چھایا ہے اب

دیوان چہارم غزل 1356
جوش رونے کا مجھے آیا ہے اب
دیدئہ تر ابر سا چھایا ہے اب
ٹیڑھے بانکے سیدھے سب ہوجائیں گے
اس کے بالوں نے بھی بل کھایا ہے اب
ہوں بخود تو کوئی پہنچے مجھ تلک
بے خودی نے دور پہنچایا ہے اب
کاش کے ہوجائے سینہ چاک چاک
رکتے رکتے جی بھی گھبرایا ہے اب
راہ پر وہ کیونکے آوے مست ناز
دشمنوں نے اس کو بہکایا ہے اب
کیا جئیں گے داغ ہوکر خوں ہوا
زندگی کا دل جو سرمایہ ہے اب
میر شاید کعبے ہی میں رہ پڑے
دیر سے تو یاں خدا لایا ہے اب
میر تقی میر