دیوان اول غزل 504
نیلا نہیں سپہر تجھے اشتباہ ہے
دود جگر سے میرے یہ چھت سب سیاہ ہے
ابر و بہار و بادہ سبھوں میں ہے اتفاق
ساقی جو تو بھی مل چلے تو واہ واہ ہے
سرمے سے ایسی آنکھیں تمھاری نہیں لگیں
احوال پر ہمارے تمھیں کب نگاہ ہے
کس کس طرح سے ہاتھ نچاتا ہے وعظ میں
دیکھا جو شیخ شہر عجب دستگاہ ہے
ہے روے عجز میر تری خاک راہ پر
یعنی کہ کام اس کا کچھ اب رو براہ ہے
میر تقی میر