ٹیگ کے محفوظات: اضطرار

سوچیے! وجہِ اضطرار ہے کیا؟

کچھ نہیں ہو گا انتظار ہے کیا؟
سوچیے! وجہِ اضطرار ہے کیا؟
باقی پہلو نکھر چکے ہیں سب؟
صرف کردار داغدار ہے کیا؟
منزل، اسبابِ رَاہ، عزمِ سفَر
کسی چہرے سے آشکار ہے کیا؟
میں تَو ناقابلِ بَھروسا ہُوں
آپ کو اپنا اعتبار ہے کیا؟
اپنے آئینہِ ضمیر سے پُوچھ
فکر میں کوئی بھی نکھار ہے کیا؟
جو ہیں پَروَردَہِ خزاں ضامنؔ
اُن کو کیا عِلم کہ بہار ہے کیا
ضامن جعفری

ایسی طرح روزگار دیکھیے کب تک رہے

دیوان ششم غزل 1910
چرخ پر اپنا مدار دیکھیے کب تک رہے
ایسی طرح روزگار دیکھیے کب تک رہے
سہرے کہاں تک پڑیں آنسوئوں کے چہرے پر
گریہ گلے ہی کا ہار دیکھیے کب تک رہے
ضعف سے آنکھیں مندیں کھل نہ گئیں پھر شتاب
غش یہ ہمیں اب کی بار دیکھیے کب تک رہے
لب پہ مرے آن کر بارہا پھر پھر گئی
جان کو یہ اضطرار دیکھیے کب تک رہے
اس سے تو عہد و قرار کچھ بھی نہیں درمیاں
دل ہے مرا بے قرار دیکھیے کب تک رہے
اس سرے سے اس سرے داغ ہی ہیں صدر میں
ان بھی گلوں کی بہار دیکھیے کب تک رہے
آنکھیں تو پتھرا گئیں تکتے ہوئے اس کی راہ
شام و سحر انتظار دیکھیے کب تک رہے
آنکھ ملاتا نہیں ان دنوں وہ شوخ ٹک
بے مزہ ہے ہم سے یار دیکھیے کب تک رہے
روے سخن سب کا ہے میری غزل کی طرف
شعر ہی میرا شعار دیکھیے کب تک رہے
گیسو و رخسار یار آنکھوں ہی میں پھرتے ہیں
میر یہ لیل و نہار دیکھیے کب تک رہے
میر تقی میر