ٹیگ کے محفوظات: آزماتے

کیوں مرا ظرف آزماتے ہو

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 104
جاں نثاری کے شہ دلاتے ہو
کیوں مرا ظرف آزماتے ہو
شاخ کو سر بلند ہوتے ہی
کتنے حیلوں سے تم جھکاتے ہو
جی کو جچتا نہیں ہے کیوں جانے
حرف جو بھی زباں پہ لاتے ہو
شکل احوال کی ہے کیا اور تُم
اُن کی تصویر کیا دکھاتے ہو
تُم بھی کیا سادہ لوح ہو ماجدؔ!
آنسوؤں سے دیے جلاتے ہو
ماجد صدیقی

زخم کھاتے چلے گئے ہوں گے

جون ایلیا ۔ غزل نمبر 190
ہم جو گاتے چلے گئے ہوں گے
زخم کھاتے چلے گئے ہوں گے
تھا ستم بار بار کا ملنا
لوگ بھاتے چلے گئے ہوں گے
دور تک باغ اس کی یادوں کے
لہلہاتے چلے گئے ہوں گے
فکر اپنے شرابیوں کی نہ کر
لڑکھڑاتے چلے گئے ہوں گے
ہم خود آزار تھے سو لوگوں کو
آزماتے چلے گئے ہوں گے
ہم جو دنیا سے تنگ آئے ہیں
تنگ آتے چلے گئے ہوں گے
جون ایلیا