دورِ سحر و شام سے گھبرائے ہوئے ہیں
ہم گردشِ ایّام سے گھبرائے ہوئے ہیں
پابستہِ زنجیر تو رُک رُک کے چلیں گے
دشواریِ ہرگام سے گھبرائے ہوئے ہیں
اُمّیدِ چراغاں ہے نہ اُمّیدِ سَحر ہے
زندانی سرِ شام سے گھبرائے ہوئے ہیں
نآ کردہ خطاؤں کا بھی اقرار نہ کرلیں
بے باکیِ الزام سے گھبرائے ہوئے ہیں
ساقی کوئی ہنگامہِ نوخیز بپا کر
ہم شغلِ مے و جام سے گھبرائے ہوئے ہیں
کانٹوں کا بیاں اور ہے، کلیوں کی صدا اور
اُلجھے ہوئے پیغام سے گھبرائے ہوئے ہیں
کُچھ لوگ ہیں مرعوب، شکیبؔ آپ کے فن سے
کچھ لوگ فقط نام سے گھبرائے ہوئے ہیں
شکیب جلالی