اربابِ سَحر کی خودنگاہی
ماحول میں رچ گئی سیاہی
رخشندہ نجوم دُور شب میں
دیتے رہے صبح کی گواہی
پہنچے سرِ دار ہنستے گاتے
ہم نے رسمِ جُنوں نباہی
اے راہبرو! ذرا تو سوچو
بھٹکیں گے کہاں کہاں یہ راہی
نیچی ہے نظر سِتم گروں کی
ثابت ہے ہماری بے گُناہی
شب خون پڑے گا تیرگی پر
مہتاب بدست ہے سیاہی
شکیب جلالی