قہقہہ آنسوؤں کا حامی ہے
غم بہ اندازِ شادکامی ہے
راہ دشوار ہے نہ منزل دور
جذبہِ رَہ روی میں خامی ہے
وقت کی قید، خواہشوں کے جال
زیست کچھ بھی سہی، غلامی ہے
حُسنِ احساس حُسن کا ہے طِلسم
عشق نظروں کی شادکامی ہے
آپ میں گر وفا نہیں تو کیا
چاند میں بھی تو ایک خامی ہے
ہر گھڑی کچھ نزاکتوں کا خیال
یہ محبت بھی اک غلامی ہے
اب شکیبؔ! آنسوؤں کو پی جاؤ
غم کی معراج شادکامی ہے
شکیب جلالی