شہرِ دِل کے گرد و پیش، رات کی فصیل ہے
تیرگی کے دَشت میں روشنی کی جھیل ہے
کٹ چکی ہے راہِ شب، ہم نہ رُک سکیں گے اب
نغمہِ سَحر ہمیں نالہِ رحیل ہے
زندگی سے بھاگ کر جائے بھی کہاں بشر
خود ہی منزلِ مراد، خود ہی سنگِ میل ہے
ساحلِ نشاط کے بُجھ چکے ہیں سب دیے
دردِ دل کی ایک لہر، ہم کو رودِ نیل ہے
گمرہی ہمیں ، شکیبؔ! دے رہی یہ فریب
رہ نما غلط نہیں، راستہ طویل ہے
شکیب جلالی