دوست کیا معتبر نہیں ہوتے
آپ سے ہاں ! مگر نہیں ہوتے
ہم ہی خطرات مول لیتے ہیں
راستے پر خطر نہیں ہوتے
محوِ پرواز ہے خلاؤں میں
عقل کے بال و پر نہیں ہوتے
منزلیں میرے ساتھ چلتی ہیں
راستے مختصر نہیں ہوتے
رہنماؤں کے ساتھ رہنے سے
حوصلے معتبر نہیں ہوتے
زندگانی سے کھیلنے والے
موت سے بے خبر نہیں ہوتے
چار دن کی، شکیبؔ، قربت سے
فاصلے مختصر نہیں ہوتے
شکیب جلالی