شہر آشوب بتا! کیا کوئی گھر زندہ ہے
یا خرابے میں فقط خوف و خَطَر زندہ ہے
قتل کر ڈالے ہیں ظلمت نے فَلَک پر انجم
کوئی خورشید ہے باقی نہ قَمَر زندہ ہے
آنکھ ہے در کی نہ اب کان ہیں دیواروں کے
ایسا لگتا ہے نہ دیوار نہ در زندہ ہے
مرگئے قافلے کیا حسرتِ منزل لے کر؟
پوچھتی رہتی ہے جو راہ گزر زندہ ہے
میں بھی سب جیسا ہُوں مجھ سے بھی کوئی بات کرے
مجھ کو آواز تَو دے کوئی اگر زندہ ہے
وہ ہے اِس فکر میں ہر ایک کا ترکہ لے لُوں
مجھ کو یہ فکر بچالُوں کوئی گر زندہ ہے
میں نے مانگی تھی دعا ہاتھ اُٹھا کر دونوں
میں یہ سمجھا تھا دعاؤں میں اَثَر زندہ ہے
نہ وہ مالی نہ وہ گلشن ہے نہ وہ شاخ و شَجَر
لوگ ہیں مطمئن و خوش کہ ثَمَر زندہ ہے
قصرِ تخریب کی تعمیر مکمّل نہ کرو
ورنہ کَٹ جائے گا جو دستِ ہُنَر زندہ ہے
خلق ہونے کو ہیں کچھ تازہ مناظر ضامنؔ
میں پریشاں ہُوں ابھی میری نظر زندہ ہے
ضامن جعفری