اِک دَرد سا ہے شورِ عنادل لئے ہُوئے
گُذرا ہے کوئی ٹُوٹا ہُوا دل لئے ہُوئے
اِس قافلے کو دشت نَوَردی کا شوق ہے
کوئی نہیں ہے خواہشِ منزل لئے ہُوئے
اہلِ نظر کی ژرف نگاہی کو کیا ہُوا؟
کب سے کھڑا ہُوا ہُوں یہاں دل لئے ہُوئے
دل بد گماں ہے حُسن سے انجامِ عشق پر
دَہلیز تک گیا ہُوں بہ مشکل لئے ہُوئے
پوچھا اگر کسی نے تَو دیجے گا کیا جواب
پھِرتے ہیں یُوں جو آپ مرا دل لئے ہُوئے
ضامنؔ! رہِ حیات میں ہردَم کا ساتھ ہے
مشکل کو میں ہُوں مجھ کو ہے مشکل لئے ہُوئے
محوِ سَفَر ہے حُسنِ اَزَل اے نگاہِ شوق
ذَرّے فضا میں اُڑتے ہیں محمل لئے ہُوئے
کوئی تُمہارے حُسن کا ہَمسَر نہ لا سکا
آئینے سب ہیں دعویِٰ باطل لئے ہُوئے
جلووں کے ازدحام میں جلوہ بس ایک ہے
جلوہ بھی وہ کہ زیست کا حاصل لئے ہُوئے
غارَت گَرِ سکوں ہے وہ حُسنِ خِرَد شکن
پِھرتا ہُوں دِل میں مَدِّ مقابل لئے ہُوئے
حیرت سے دیکھتے ہیں مُجھے عافیت پَرَست
مَوجَوں کی گود میں ہُوں میں ساحل لئے ہُوئے
ضامنؔ خُدا نَکَردہ جنوں ہو خِرَد نَواز
ہر آرزو جِلَو میں ہو قاتل لئے ہُوئے
ضامن جعفری