عقوبَتوں میں وہاں بھی نہ کچھ کمی ہو گی
وہاں بھی پُرسِشِ اَفکار و آگَہی ہو گی
عقیدَتوں کا سَفَر ہو گا اِختتام پِذیر
خیال و خواب کی دُنیا بِکھَر رَہی ہو گی
فرشتے حکمِ مشیّت سُنا رہے ہوں گے
اُدھَر حقائق اِدھَر خُوش عقیدَگی ہو گی
کھُلے گا حَشر میں سب کی عقیدَتوں کا بھَرَم
ہجومِ یاس میں ہر سمت خامشی ہو گی
نہ جانے حَشر میں اِنصاف کِس طَرَح ہو گا
اَگر وہاں بھی یہاں سی کَہا سُنی ہو گی
حجابِ حُسن ہی ہو گا نہ عشق کا اِصرار
وہاں ہر ایک کو اپنی پَڑی ہوئی ہو گی
سُنا ہے ہم سے محبّت کسی کو تھی ضامنؔ
زبانِ خلق اَگر ہے تو پھر رہی ہو گی
ضامن جعفری