رونقِ بازارِ ہستی کو پریشاں کر دِیا
میں نے اپنے دِل پَر آنکھوں کو نگہباں کر دِیا
دامَنِ یوسف تصوّر میں بھی عنقا ہو گیا
وقت نے دَستِ زلیخائی فراواں کر دِیا
رات کوئی خواب میں آیا مگر عُجلَت میں تھا
میں نے آنکھیں بند رَکّھِیں اُس نے احساں کر دِیا
قائلِ صِدقِ جنوں ہو سو جب اُس کو دِل دِیا
احتیاطاً ساتھ ہَر تارِ گریباں کر دِیا
محفلِ اَغیار میں ضامنؔ کا ربطِ خامشی
چشمِ محتاط آج تُو نے اُن کو حیراں کر دِیا
ضامن جعفری