دیارِ حسن کے مقبول و مُستَرَد میں رہا
میں ساری عُمر بُتوں کے قبول و رَد میں رہا
قَدَم قَدَم وہ نگاہیں بھی کچھ رَہیِں محتاط
مرا جنوں بھی غنیمت ہے اپنی حد میں رہا
رہے رہینِ عروج و زوالِ مہر نہ ہم
ہمارا سایہ ہمیشہ حدودِ قَد میں رہا
مرے جنوں نے بھٹکنے نہیں دیا مجھ کو
وہی جنوں کہ جو ہوش و خِرَد کی زد میں رہا
ہزار آئے گئے عشق کے فسانے میں
مگر سُنا یہ ہے، ضامنؔ! کہ مُستَنَد، میں رہا
ضامن جعفری